• السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ۔ اس فورم کا مقصد باہم گفت و شنید کا دروازہ کھول کر مزہبی مخالفت کو احسن طریق سے سلجھانے کی ایک مخلص کوشش ہے ۔ اللہ ہم سب کو ھدایت دے اور تا حیات خاتم النبیین صلی اللہ علیہ وسلم کا تابع بنائے رکھے ۔ آمین
  • [IMG]
  • السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ۔ مہربانی فرما کر اخلاق حسنہ کا مظاہرہ فرمائیں۔ اگر ایک فریق دوسرے کو گمراہ سمجھتا ہے تو اس کو احسن طریقے سے سمجھا کر راہ راست پر لانے کی کوشش کرے۔ جزاک اللہ

خطبات محمود ۔ خلیفۃ المسیح الثانی مرزا بشیر الدین محمود احمد رض ۔ جلد 5

MindRoasterMir

لا غالب الاللہ
رکن انتظامیہ
منتظم اعلیٰ
معاون
مستقل رکن
خطبات محمود ۔ خلیفۃ المسیح الثانی مرزا بشیر الدین محمود احمد رض ۔ جلد 5


بِسْمِ اللّٰہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ
پیش لفظ
یہ محض اللہ تعالیٰ کا فضل اور احسان ہے کہ فضل عمر فائوندیشن احباب جماعت کی خدمت میں خطبات محمود جلد پنجم پیش کرنے کی توفیق پارہا ہے۔ زیر نظر جلد ۱۹۱۶ ء اور ۱۹۱۷ء کے خطباتِ جمعہ پر مشتمل ہے۔
حضرت مصلح موعود کے خطبا ت علوم و معارف کا ایک انمول خزانہ ہیں اور پیشگوئی کے الہامی الفاظ ’’وہ علوم ظاہری و باطنی سے پُر کیا جائے گا‘‘ پر شاہد ناطق ہیں۔ حضرت مصلح موعود کا دَورِ خلافت جو کم و بیش ۵۲ سال پر محیط ہے ایک تاریخ سازدَورتھا۔ اس نہایت کامیاب طویل دور میں حضور کے خطبات نے جماعت کی تعلیم وتربیت میں نہایت اہم کردار ادا کیا۔ یہ جماعت کا ایک نہایت ہی قیمتی سرمایہ ہے جسے فضل عمر فائونڈیشن نے یکجا کر کے کتابی صورت میں محفوظ کرنے کا بیڑہ اُٹھا رکھا ہے۔
خطبات کی چار جلدیں پہلے چھپ چکی ہیں۔ اس کے بعد بوجوہ حسب پروگرام طباعت کا تسلسل قائم نہ رہ سکا جس کے لئے ادارہ معذرت خواہ ہے۔ آئندہ پوری کوشش کی جائے گی کہ یہ سلسلہ جاری رہے اور یہ روحانی مائدہ جماعت کے دوستوں کے ہاتھوں میں برابر پہنچتا رہے۔
یہ بات بھی مدنظر رکھنی چاہئے کہ ابتداء میں خطبات لکھنے کے لئے باقاعدہ زود نویس یا کوئی اورجماعتی انتظام نہیں تھا۔ بعض احباب اپنے شوق اور عقیدت سے خطبات لکھ کر چھپواتے رہے اِس وجہ سے ممکن ہے بعض مقامات پر بات اُس طرح واضح نہ ہوئی ہوجس طرح واضح ہونی چاہئے یا جس طرح حضور نے واضح فرمائی ہو۔
جو خطبات باوجود تلاش کے اخبارات ورسائل میں نہیں مل سکے اُن کے لئے ہم دوستوں کو دعوتِ عام دیتے ہیں۔ا گر ان کی نظر میں کوئی خطبہ آئے تو ہمیں آگاہ فرمائیں تا اگلی جلد یا آئندہ ایڈیشن میں اس کو بھی شامل کر لیا جائے۔
اِس جلد کی تیاری اور کتابت وغیرہ کا بیشتر کام مکرم بریگیڈیئر (ریٹائرڈ) اقبال احمد صاحب شمیم کی نگرانی میں ہوا جنہوں نے بطور سیکرٹری فضل عمر فائونڈیشن بڑے ہی خلوص سے خدماتِ دینیہ سرا نجام دیں۔ مرحوم نے ریٹائرمنٹ کے بعد بہت تھوڑے عرصہ کے لئے اپنی خدمات پیش کی تھیں لیکن اللہ تعالیٰ نے اُنہیں بہت لمبا عرصہ بڑی بے لوث خدمات بجالانے کی توفیق عطا فرمائی۔ اللہ تعالیٰ اپنے فضل سے اُن سے رحمت و مغفرت کا سلوک فرمائے اور بلند درجات سے نوازے۔ آمین
مکرم برادرم ملک یوسف سلیم صاحب شاہد ایم ۔ اے انچارج شعبہ زود نویسی اور برادرم مکرم حبیب الرحمن صاحب زیروی اسسٹنٹ لائبریرین خلافت لائبریری بھی خصوصی شکریہ کے مستحق ہیں کہ انہوں نے Missing خطبات کی تلاش میں بڑی محنت سے کام لے کر ادارہ کی گراں قدر معاونت فرمائی۔
اِس جلد کی ترتیب و حواشی کا ابتدائی کام مکرم مولانا نور الحق صاحب انور (مرحوم) نے سرانجام دیا اور بعد میں حوالہ جات پر نظر ثانی کا کام برادرم مکرم ظہیر احمد خان صاحب مربی سلسلہ نے بہت محنت سے انجام دیا۔مکرم عبدالباسط صاحب شاہد اور مکرم سلطان احمد صاحب شاہد (مربیان سلسلہ) نے بھی اِس جلد کی تیاری میں بہت مفید مشوروں سے نوازا اور ان کی ماہرانہ رائے اور تجربہ سے بھی خاکسار نے بہت فائدہ اُٹھایا۔
خاکسار ان سب دوستوں اور بزرگوں کا دلی شکریہ ادا کرتا ہے۔ خدا تعالیٰ ان کے علم اور فضل میں برکت ڈالے اور بے انتہا فضلوں اور رحمتوں سے نوازتا رہے۔ آمین
والسلام
خاکسار
ناصر احمد شمس
سیکرٹری فضل عمر فائونڈیشن
۱
اسراف سے بچو
(فرمودہ ۷؍ جنوری ۱۹۱۶ئ)
تشہد،تعوذ اور سورہ فاتحہ کے بعد مندرجہ ذیل آیات کی تلاوت فرمائی:۔
۱؎
اِس کے بعد فرمایا:۔
’’یہ چندآیات جو میں نے اِس وقت پڑھی ہیں ان میں اللہ تعالیٰ نے عباد الرحمن کی تعریف بیان فرمائی ہے اور بتایا ہے کہ وہ یوں کیا کرتے ہیں۔ یوں تو بہت سے لوگ ہیں جو بڑے شوق سے اپنے لڑکے کا نام عبدالرحمن رکھتے ہیں اور بہت ہیں کہ جب ان سے پوچھا جائے کہ کون ہو؟ تو بڑے فخر سے کہتے ہیں کہ ’’ہم اللہ کے بندے ہیں‘‘ اور لوگوں کے دعویٰ کرنے کو چھوڑد وواقعہ میں بھی سب لوگ خدا ہی کے بندے ہیں اور جتنی بھی چیزیں دنیا کی ہیں خواہ وہ انسان ہیں یاحیوان، چرند یا پرند،سب خدا ہی کے بندے ہیں کیونکہ وہ کونسی چیز ہے جو خدا کے سوا کسی اور نے پیدا کی ہے۔ اللہ تعالیٰ نے ہی سب کوپیدا کیا ہے پس اس لحاظ سے سب خدا ہی کے بندے ہیں۔ پھر اِس لحاظ سے کہ خدا ہی سب کو قائم رکھنے والا ہے اور اسی کے اختیار میں ہر ایک جاندار اور بے جان کا قائم رکھنا ہے، اسی کے بندے ہیں۔ پھر اس لحاظ سے بھی کہ ہرایک چیز خدا تعالیٰ کے مقرر کردہ قوانین کی فرمانبرداری کرتی ہے۔ گو خدا کو بھی بعض لوگ نہیں مانتے مگر جو اس کے قوانین ہیں ان سے ذرہ بھر نکلنا بھی کسی بڑے سے بڑے بادشاہ کی بھی طاقت میں نہیں ہے۔ مثلاً آنکھوں سے دیکھنا اور کانوں سے سننا خدا تعالیٰ نے مقرر کیا ہے اب یہ کوئی نہیں کر سکتا کہ آنکھوں سے سننے کا کام لے اور کانوں سے دیکھنے کا۔ تو خدا کے قانون سے کوئی نہیں نکل سکتا اس لئے بھی سب عبادُالرحمن ہیں۔ لیکن باوجود اس کے اللہ تعالیٰ نے قرآن شریف میں بار بار فرمایا ہے کہ عبادُالرحمن بن جائو۔ چنانچہ پاک روحوں کے لئے فرماتا ہے ۲؎ میرے بندوں میں داخل ہوجا اور میری جنت میں داخل ہو جا۔ حالانکہ اس سے پہلے بھی وہ خدا تعالیٰ کے بندے تھے کیونکہ خدا ہی نے ان کو پیدا کیا تھا خدا ہی ان کا رازق تھا، خدا ہی ان کا مالک تھا، خدا ہی ان کو قائم رکھتا تھا۔ پھر جو فرمایا تو اس سے معلوم ہوتا ہے کہ خدا کا بندہ ہونا دو رنگ میں ہوتا ہے۔غرض ایک لحاظ سے توتمام انسان خدا کے بندے ہیں لیکن ایک لحاظ سے بعض بندے ہوتے ہیں اور بعض نہیں ہوتے۔ اس لحاظ سے تو خدا کے بندے وہ کہلاتے ہیں جو اس کے تمام احکام کی فرمانبرداری اور اطاعت کرتے ہیں۔ اور جو نہیں کرتے وہ اس لحاظ خدا کے بندے نہیں ہوتے بلکہ شیطان کے بندے ہوتے ہیں، اپنے نفس کے بندے ہوتے ہیں اور انسانوں کے بندے ہوتے ہیں۔
اِن آیات میں خدا تعالیٰ نے عبادا لرحمن کی تعریف فرمائی ہے اور یہاں وہی لوگ مراد ہیں جن کا ذکر میں ہے اور یہاں عبد سے مراد عابد ہے۔ غرض ان آیات میں عبادُالرحمن کی کچھ باتیں خدا تعالیٰ نے بتائی ہیں کہ جن میں وہ پائی جائیں وہ عبادُالرحمن ہوتے ہیں۔ ا ِس وقت میری غرض ان میں سے ایک بات کو بیان کرنا ہے جو سب سے آخری آیت میں بیان فرمائی ہے۔ خدا تعالیٰ نے عبا دالرحمن کی ایک تعریف یہ فرمائی ہے کہ جب وہ انفاق یعنی خرچ کرتے ہیں تو یہ دو باتیں ان کے مدنظر ہوتی ہیں۔ اوّل یہ کہ خرچ کرنے میں اسراف نہیں کرتے۔ دوئم بخل نہیں کرتے۔ مال کو جمع نہیں کرتے۔ قتر کے معنی مال کے جوڑنے اور جمع کرنے کے ہیں۔ قاتر وہ جومال کو جمع کرتے رہتے ہیں۔ جمع کرنے سے ہی بخل کے معنی لئے گئے۔ کیونکہ انسان مال جمع تبھی کر سکتا ہے جب خرچ نہ کرے اور اسی کو بخیل کہتے ہیں پس قاتر کے اصل معنی یہ ہیں کہ جو مال جمع کرے اوران لوگوں پر خرچ نہ کرے جن پر خرچ کرنا اس کے ذمہ ہے۔
اس آیت میں خرچ نہ کرنے والے کی نسبت خدا تعالیٰ نے کیا عجیب لفظ رکھا ہے یہ نہیں فرمایا کہ وہ جو اپنے رشتہ داروں اور محتاجوں وغیرہ پر خرچ نہیں کرتا وہ بُرا ہے کیونکہ جس کے پاس مال نہ ہووہ بھی تو خرچ نہیں کرتا ،پھرکیا وہ خدا کے بندوں سے نکل جائے گا؟مثلاً ایک شخص خود بھوکا ہے اس سے کوئی محتاج آکر مانگتا ہے کہ مجھے کھانے کو دو لیکن وہ کچھ نہیں دیتا تو کیا ایسا آدمی بھی خدا کے حضور بخیل ٹھہرایا جا سکتا ہے؟ نہیں۔ ہاں ایک ایسا شخص جس کے پاس دینے کے لئے ہے مگر نہیں دیتا وہ بے شک اللہ تعالیٰ کے نزدیک ملزم ہے ۔تو یہاں اللہ تعالیٰ نے یہ نہیں فرمایا کہ عبدالرحمن وہ نہیں ہوتا جو خرچ نہیںکرتا بلکہ قتر کا لفظ رکھا جس کے معنے ہیں مال جمع کرنے کے۔ اور قاتر اُس کو کہتے ہیں جو مال جمع کرے اور رشتہ داروں، مسکینوں اور محتاجوں پر خرچ نہ کرے۔ پس اِس ایک ہی لفظ میں یہ بھی بتا دیا کہ جس کے پاس مال نہ ہو اُس پر کوئی اعتراض نہیںاعتراض صرف اُس پر ہے جس کے پاس مال ہے اور وہ بجائے حاجت مندوں پر خرچ کرنے کے اُسے جوڑتا ہے۔ اِسی طرح اِس لفظ کے ذریعہ سے یہ بھی بتا دیا کہ خالی مال جوڑنا منع نہیں بلکہ اگر کسی شخص کے پاس اس قدر مال ہو کہ وہ ان لوگوں پر خرچ کرنے کے بعد جن کا خرچ اس کے ذمہ ہے اور غرباء کی مدد کرنے کے بعد بھی مالدار ہے تو اُس کامال جمع کرنا گناہ نہیں۔ خیر اِس جگہ اللہ تعالیٰ فرماتا ہے کہ اگر کوئی عبدالرحمن بننا چاہے تو اس کے لئے یہ بھی شرط ہے کہ وہ اپنا مال خرچ کرتے وقت دو باتوں کا لحاظ کرے۔ اوّل یہ کہ وہ اپنے مال میں اسراف نہ کرے۔ اس کا کھانا صرف تکلف اور مزے کے لئے نہیں ہوتا بلکہ قوت، طاقت اور بدن کو قائم رکھنے کیلئے ہوتا ہے اس کا پہننا آرائش کیلئے نہیں ہوتا بلکہ بدن کو ڈھانکنے اور خدا تعالیٰ نے جواُسے حیثیت دی ہوتی ہے اس کے محفوظ رکھنے کے لئے ہوتا ہے۔ چنانچہ صحابہؓ کا طرزِ عمل بتاتا ہے کہ وہ اسی طرح کرتے تھے۔ چنانچہ حضرت عمرؓ ایک دفعہ شام کو تشریف لے گئے تو وہاں بعض صحابہ نے ریشمی کپڑے پہنے ہوئے تھے۔ (ریشمی کپڑوں سے مراد وہ کپڑے ہیں جن میںکسی قدرریشم تھا ورنہ خالص ریشم کے کپڑے سوائے کسی بیماری کے پہننے مردوں کو منع ہیں) آپ نے اپنے ساتھیوں سے فرمایا کہ اِن لوگوں پر خاک پھینکو ۔اور ان سے کہو کہ تم اب ایسے آسائش پسند ہو گئے ہو کہ ریشمی کپڑے پہنتے ہو۔ اس پر ان میں سے ایک نے اپنا کرتا اٹھا کر دکھایا تو معلوم ہواکہ اس نے نیچے موٹی اون کا سخت کرتا پہنا ہوا تھا۔ اس نے حضرت عمر کو بتایا کہ ہم نے ریشمی کپڑے اس لئے نہیں پہنے کہ ہم اِن کو پسند کرتے ہیںبلکہ اِس لئے کہ اِس ملک کے لوگوں کی طرز ہی ایسی ہے اور یہ پچپن سے ایسے امراء کو دیکھنے کے عادی ہیں جو نہایت شان وشوکت سے رہتے تھے۔ پس ہم نے بھی ان کی رعایت سے اپنے لباسوںکو ملکی سیاست کے طور پر بدلا ہے ورنہ ہم پر ان کا کوئی اثر نہیں۔۳؎ پس صحابہ کا عمل بتاتا ہے کہ اسراف سے کیا مراد ہے۔ اس سے یہی مراد ہے کہ مال ایسی اشیاء پر نہ خرچ کرے جن کی ضرورت نہیں اور جن کا مدعا صرف آرائش و زیبائش ہو۔
غرض خدا تعالیٰ فرماتا ہے کہ عبادالرحمن وہ ہوتے ہیں جو اپنے مالوں میں اسراف نہ کرتے ہوں۔ وہ اپنے مالوں کو ریاء اور دکھاوے کیلئے خرچ نہ کرتے ہوں بلکہ فائدہ اور نفع کیلئے صَرف کرتے ہوں۔ پھر اپنے مالوں کو ایسی جگہ دینے سے نہ روکیں جہاں دینا ضروری ہو اور ان کا قوام ہو یعنی درمیانی ہو۔ نہ اپنے مالوں کو اِس طرح لٹائیںجواللہ تعالیٰ کی منشاء کے ماتحت نہ ہو اور نہ اِس طرح روکیں کہ جائز حقوق کو بھی ادا نہ کریں۔ یہ دو شرطیں عبادالرحمن کیلئے مال خرچ کرنے کے متعلق ہیںلیکن بہت لوگ ہیں جو یا تو اسراف کی طرف چلے جاتے ہیں یا بخل کی طرف۔
اِسراف کی مرض اِس زمانہ میں بہت بڑھی ہوئی ہے۔ بخل کی مرض بھی ہے مگر یہ مسلمانوں میں کم ہے اور آجکل تو مسلمان کی تعریف اور علامت ہی یہی مقرر کی گئی ہے کہ جو کچھ اس کے پاس آتا ہو کھا پی جائے اور جس قدر مال اُس کے پاس ہو سب خرچ کر دے۔ بخل ہنود کی طرف منسوب کیا جاتا ہے مگر مسلمان وہی سمجھا جاتا ہے جو دین و دنیا کے لئے کچھ نہ بچائے اور سب کچھ کھا جائے لیکن کیا اُلٹ بات ہے۔ ادھر قرآن کریم تو کہتا ہے کہ مسلم وہ ہے جو اسراف نہ کرے مگر آجکل مسلمان وہ سمجھا جاتا ہے جو سب کچھ بیچ کر کھا جائے جتنا کوئی زیادہ اسراف کرے اتنا ہی ولی اللہ سمجھا جاتا ہے حالانکہ اللہ تعالیٰ فرماتا ہے کہ مومن وہ ہوتا ہے جو کبھی اسراف نہیں کرتا۔ مگر اِس زمانہ میں بہت لوگ ایسے ہیں کہ جتنی انکی آمدنی نہیں ہوتی اس سے زیادہ خرچ کر دیتے ہیں اور بہت ایسے ہیں جب ان کوکہا جائے کہ تم اپنی بیوی بچوں کو کیوں خرچ نہیں دیتے تو کہہ دیتے ہیں کہ تنخواہ تھوڑی ہے ہم شریف آدمی ہیںاپنے اخراجات چلائیں یا ان کو دیں۔ میں کہتا ہوں کہ اگر اسی کا نام شرافت ہے تو پندرہ کروڑتنخواہ والا بھی بیوی بچوں کے لئے کچھ نہیں بچا سکتا کیونکہ یورپ نے عیش و عشرت کے سامان اس کثرت سے پیدا کردیئے ہیں کہ جس قدر بھی روپیہ ہو بہت جلدی صَرف ہوجاتا ہے لیکن وہ لوگ جو بیوی بچوں کے لئے خرچ کرنے والے ہوتے ہیں وہ تو دس دس اور پندرہ پندرہ روپے کے ملازم ہو کر بھی کرتے ہیں اور جو نہیں کرنا چاہتے وہ سینکڑوں روپیہ کی آمدنی کے ہوتے ہوئے بھی نہیں کرتے اور دوسرے ہی فضول اخراجات میں روپیہ کو ضائع کر دیتے ہیں۔
حضرت خلیفۃ المسیح الاوّل سنایا کرتے تھے کہ ایک شخص کو اپنے باپ کی بہت سی دولت مل گئی اُس نے اپنے دوستوں اور آشنائوں کو بلا کر پوچھا کہ مجھے دولت کو خرچ کرنے کا طریق بتائو۔ کسی نے کچھ بتایا، کسی نے کچھ بتایا لیکن اُسے کوئی پسند نہ آیا۔ ایک دن وہ بازار سے گزر رہا تھا کہ بزاز کے کپڑے پھاڑنے کی اُسے آواز آئی جس کو اس نے بہت پسند کیا اور اپنے نوکروں کو حکم دیا کہ میرے سامنے کپڑے کے تھان لا کر پھاڑاکرو۔ اِس طرح اُس نے کپڑے پھڑوانے شروع کئے اور چرچر کی آواز سننے لگااور ہزار ہاروپیہ اس پر خرچ کر دیا ۔تو خرچ کرنے کے لئے تو وہ بھی کہتا تھا کہ کپڑے کے پھٹنے کی بڑی مزیدار آواز ہے جو کانوں کو بہت بھلی معلوم ہوتی ہے لیکن کیا یہ بھی کوئی خرچ کرنا تھا۔ پس کسی مال کو ناجائز اور فضول طور پر خرچ کرناکوئی بھی مشکل کام نہیں ہے۔ اگر کسی کے پاس کروڑوں کروڑ روپیہ بھی ہو تو وہ بھی سب کچھ خرچ کر کے کنگال اور نادار بن سکتا ہے اور ایسا اکثر دنیا میں ہوتا ہے۔ ہاں روپیہ کا جائز طور پر اور ٹھکانے پر خرچ کرنا مشکل ہے اور بہت مشکل ہے۔ حضرت خلیفۃ المسیح الاوّل کا یہ قول ہے کہ روپیہ کمانا آسان ہے مگر خرچ کرنا بہت مشکل ہے۔ واقعہ میں یہ بہت ہی سچا قول ہے۔ دنیا میں بہت لوگ ہیں جو بہت بہت روپیہ کماتے ہیں لیکن اُنہیں خرچ کرنا نہیں آتا اس لئے کنگال ہی رہتے ہیں اور بہت ایسے ہیں جو کم کماتے ہیں مگر چونکہ اُنہیں خرچ کرنا آتا ہے اس لئے آسودہ رہتے ہیں۔
غرض مسلمانوں میں یہ ایک بہت بڑی مرض ہے اور یہ مرض یہاں بھی بعض لوگوں میں ہے یہاں ایک شخص نے لڑکوں کے افسر کو کہا تھا کہ میرا لڑکا جو خرچ کرنے کے لئے مانگے اُسے دے دینا اور دکانداروں کو بھی کہہ گیا کہ کوئی چیز مانگے تو دے دینا۔ اس لڑکے نے بیس روپیہ کی ایک مہینہ میں فرنی وغیرہ ہی کھا لی۔ اِس قسم کے بہت سے واقعات ہوتے رہتے ہیں کہ لڑکے بہت زیادہ فضول خرچی کرتے ہیں۔ شاید دکاندار ایسے لڑکوں کے ساتھ یہ برادرانہ محبت سمجھ کر کرتے ہوں مگر میں تو کہتا ہوں یہ برادران یوسف کاسلوک ہے وہ بھی اپنے بھائی کو بیچ کرکھا گئے تھے اور اس قسم کے لوگ بھی بیچ کر کھا جانا چاہتے ہیں اور کوئی محبت اور برادرانہ ہمدردی نہیں کرتے۔ برادرانہ سلوک تو یہ ہے کہ کھانے والوں کو مفت دیں اور ان سے کچھ نہ لیں۔ لیکن اس طرح کرنا کہ پہلے دیتے جانا اور پھر قیمت لینے کے لئے اس کے پیچھے پڑنا کوئی ہمدردی نہیں ہے ۔گو بعض لوگ جو غریب ہیں اُنہیں اُدھار لینا پڑتا ہے اور انہیں دینا چاہئے لیکن ایسی صورت میں جبکہ ان کے گھر آٹا نہ ہو اور وہ فاقہ کشی کر رہے ہوں یا کپڑا نہ ہو اور سخت حاجتمند ہوںیا اور کوئی ایسی ہی ضروری بات ہو ایسا دیا ہوا قرض اگر ادا نہ کر سکے تو دوسرے ادا کرنے کی طرف توجہ کر سکتے ہیں۔ لیکن اگر کوئی کسی کو مٹھائی کھلاوے اور پھر ایسے قرض کے لئے چارہ جو ہو تو کسی کو کیا ضرورت ہے کہ اُس کا قرض ادا کرے۔ خدا تعالیٰ فرماتا ہے کہ اسراف نہ کرو۔ اس لیے اسراف کرنا اور اسراف کرنے والے کی مدد کرنا دونوں گناہ ہیں۔ مثلاً جیسا شراب پینے والا گنہ گار ہے ایسا ہی پلانے والا بھی گنہ گار ہے۔جو دکاندار قرض پر مٹھائی دے کر دوسرے کو مسرف بناتا ہے وہ نہیں کہہ سکتا کہ میں نے خود مٹھائی کھلائی ہے۔ اس شخص نے مانگی میں نے دے دی۔ یہ ایسی ہی بات ہے جیسے کوئی کہے کہ میں نے خنزیر خود نہیںکھایا بلکہ اَور کو کھلایا ہے تو کیا کھلانے والا بدتر نہیں ہوگا؟ ضرور ہو گا۔
میں دیکھتا ہوں کہ بعض لوگوں میں ابھی تک اسراف کی مرض چلی آتی ہے لیکن یہ لطف کی بات ہے کہ اسراف کرنے والوں کا پتہ دیر سے معلوم ہوتا ہے مگر بخل کرنے والے پر بہت جلدی آواز ے کسے جاتے ہیں۔ اسراف کرنے والے کے ساتھی پہلے پہلے اسے کوئی ہدایت نہیں کرتے لیکن جب وہ تباہ ہو چکتا ہے تو وہ بھی کہنا شروع کر دیتے ہیں کہ اس نے احتیاط نہیںکی۔ ان سے کوئی پوچھے کہ اب جو تم یہ کہتے ہو پہلے اس کے ساتھ کیوں شامل ہوتے تھے۔ ایسی باتوں پر بولنے کی مجھے تو عادت نہیں۔ حضرت خلیفۃ المسیح الاوّل تو عام طور پر کہہ دیا کرتے تھے لیکن میں انتظار کرتا ہوں اور کرنے والے کو کسی رنگ میں سمجھا دیتا ہوں ۔پھر انتظار کرتا ہوں شاید بعض لوگ یہ سمجھتے ہوں کہ مجھے اُن کے حالات کا پتہ نہیں لیکن خدا کے فضل سے مجھے ان کی نسبت اِتنا پتہ ہوتا ہے کہ اگر اُنہیں اِس کا پتہ ہو جائے تو حیران ہو جائیں۔ بہت لوگ ہیں جن کی عادتیں جتنی مجھے معلوم ہیں اُتنی اُنہیں خود بھی نہیں۔ حضرت مسیح موعود علیہ السلام ایسے معاملات میں خاموش رہا کرتے تھے یہی بات مجھے پسند آئی ہے اِس لئے میں اِسی کی پیروی کرتا ہوں۔
پس تم لوگوں کو میں نصیحت کرتا ہوں کہ خود اسراف سے بچو اور دوسروں کو بچائو۔ حضرت خلیفۃ المسیح ہمیشہ فرماتے تھے کہ ایسی چیزیں جن کاانسان محتاج نہیںمثلاً مٹھائی وغیرہ کسی کو قرض نہیں دینی چاہئے لیکن اب تک بعض لوگوں کو نصیحت نہیں حاصل ہوئی۔ اب میں کہتا ہوں کہ اگر ایسا آدمی ہے جو مصیبت میں ہے تو اُسے قرض بے شک دو یہ اچھا کام ہے۔ مثلاً کوئی آٹے والا ہے یہ کسی غریب اور مفلس کو آٹا قرض دیتا ہے تو وہ قابل تعریف ہے کیونکہ وہ اپنے بھائی کی مددکرتا ہے اسی طرح اگر کوئی کپڑے والا کسی ایسے آدمی کو کپڑا قرض دیتا ہے جو کمانے والا ہے تو وہ قابل شکریہ ہے اس کا قرضہ اگر وہ ادا نہ سکے تو دوسروں کا فرض ہے کہ اُس کی جگہ ادا کردیں۔ اِسی طرح اگر کوئی اور ضروری چیز قرض دیتا ہے تو اچھا کرتا ہے۔ لیکن ایسی اشیاء جیسے مٹھائی اور دودھ ہے قرض دینا دوسرے کو اسراف کی عادت ڈالنا ہے۔ ایسا مت کرو کیونکہ اِس کا نتیجہ کبھی اچھا نہیں نکلتا۔ اور وہ جو اسراف کراتا اور دوسرے پر بوجھ لادتا ہے وہ بھی اچھا نہیںکرتا۔
خدا تعالیٰ ہماری جماعت کو اسراف اور بخل دونوں سے بچائے اور ان کے درمیانی راستہ پر چلنے کی توفیق دے۔‘‘ اٰمِیْنَ یَارَبَّ الْعٰلَمِیْنَ۔ (الفضل ۲؍ فروری ۱۹۱۶ئ)
۱؎ الفرقان: ۶۲ تا ۶۸ ۲؎ الفجر: ۳۰ ،۳۱
۳؎ طبری جلد۴ صفحہ۴۳۴ مطبوعہ بیروت ۱۹۸۷ء
۲
صفاتِ الٰہیہ کو نہ سمجھنے سے تمام خرابیاں پیدا ہوتی ہیں
(فرمودہ ۱۴؍ جنوری ۱۹۱۶ئ)
تشہد، تعوذ اورسورۂ فاتحہ کے بعد حضور نے مندرجہ ذیل آیت کی تلاوت کی:۔
؎۱
پھر فرمایا:۔
اِس آیت کریمہ میں جو میں نے ابھی پڑھی ہے اسلام کے سِوا باقی جس قدر مذاہب ہیں ان کے دو حصے کئے گئے ہیں اور اِن میں سے ایک کا نام ’’اہل کتاب‘‘ رکھا ہے اور دوسرے کا جیسا کہ دوسری آیات سے معلوم ہوتا ہے مشرک نام ۔یعنی جو کسی آسمانی کتاب کو مانتے ہیں انہیں اہل کتاب کہا گیا ہے اور جو کسی کتاب کو نہیں مانتے انہیں مشرکین قرار دیا گیا ہے اور ان دونوں کے ساتھ معاملہ اور برتائو کرنے میں فرق رکھا ہے۔ بعض لوگوں کو اِس فرق سے یہ دھوکا لگا ہے کہ چونکہ قرآن شریف میں بار بار اہل کتاب کے نام سے ایک گروہ کو پکارا گیا ہے اِس لئے انہیں قرآن شریف نے کافر قرار نہیں دیا۔ حالانکہ قرآن شریف کی ان آخری سورتوں سے ہی جن کولوگ نماز میں پڑھنے کیلئے یاد کرتے ہیں اہل کتاب کا کافر ہونا ثابت ہوتا ہے۔ سورۂ بیّنہ شروع ہی اس طرح سے ہوتی ہے کہ ۲؎ توا ہل کتاب کو بھی کفر کرنے والے قرار دیا گیا ہے۔
تھوڑے ہی دن ہوئے کہ میرے سامنے ایک غیر احمدی کاسوال پیش کیاگیا کہ قرآن شریف تو اہل کتاب کو بھی کافر نہیں کہتا مگر تم لوگ ہم کو کافر کہتے ہو حالانکہ ہم تمہارے بہت قریب ہیں۔ایک مسیحی جو اہل کتاب ہے وہ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کو جھوٹا کہتاہے، قرآن شریف کو جھوٹا مانتا ہے اور اس کے ساتھ مسلمانوں کا نہ صرف فروع میں ہی فرق ہے بلکہ اصول تک میں بھی اختلاف ہے لیکن وہ کافر نہیں تو کیا وجہ ہے کہ غیر احمدی جو نماز پڑھتے ہیں، روزے رکھتے ہیں، زکوٰۃ دیتے ہیں، حج کرتے ہیں اور اسلام کے اصولوں کے منکر نہیں ہیں۔ اُن کو تم کافر قرار دیتے ہو۔ میرے نزدیک اس کا سوال کم سمجھی کا نتیجہ ہے۔ قرآن مجید صاف طور پر اہل کتاب اور مشرکین دونوں کو کافر قرار دیتا ہے جیسا کہ میں نے ابھی ایک آیت سے بتا یا ہے ہاں ان میں امتیاز کرنے کے لئے ان کے دو نام رکھ دئیے ہیں۔ یعنی ایک اہل کتاب اور دوسرے مشرک۔ پس کافر ہونے کے لحاظ سے ِان دونوں میں کوئی تخصیص نہیں جیسے کافر اہل کتاب ہیں ویسے ہی مشرک بھی ہیں۔ البتہ کافر ہونے کی حالت میں ہی ان کی دو قسمیں کر دی گئی ہیں۔ ہم بھی اسی لحاظ سے غیر احمدیوں کو مشرک کافر نہیں کہتے بلکہ اہل کتاب کافر کہتے ہیں اور جو تخصیص قرآن شریف نے مشرکوں کے مقابلہ میں اہل کتاب سے رکھی ہے وہی ہم غیر احمدیوں سے رکھتے ہیں اور ہم تو خواہ کسی کتاب کے الہامی ماننے والے ہوں اُنہیں بھی اہل کتاب ہی کہتے ہیں۔ غرض کافر تو اہل کتاب ومشرک دونوں ہوتے ہیں لیکن امتیاز کیلئے ان کی الگ الگ شاخیں قرار دے دی گئی ہیں۔ ایک اہل کتاب کافر اور دوسرے مشرک کافر ۔اور ان دونوں کے ساتھ معاملہ کرنے میں فرق رکھا گیا ہے جو یہ ہے کہ اہل کتاب کی نسبت خدا تعالیٰ نے قرآن شریف میں فرمایا ہے۔ ان کا تیار کیا ہوا طعام تمہارے واسطے کھانا جائز ہے اور تمہارا پکا ہوا کھانا ان کے لئے اِس سے زیادہ یہ کہ اہل کتاب کا ذبح کھانا بھی جائز ہے۔ اِسی طرح اگرکوئی اہل کتاب اپنی لڑکی کسی مسلمان کو بیاہ دینے کے لئے تیار ہو تو ا س سے نکاح کر لینا جائز ہے لیکن ایک مشرک جس کی تعریف ہے کہ وہ کسی الہامی کتاب کے ماننے کا دعویدار نہ ہو ا ُس کے متعلق یہ باتیں جائز نہیں ہیں۔ یعنی نہ تو ان کے کھانے کوئی مسلمان کھا سکتا ہے اور نہ ان کی لڑکی سے شادی کر سکتا ہے۔ پس یہ فرق ہے اہل کتاب اور مشرکین میں۔
اب یہ سوال ہو سکتا ہے کہ یہ فرق کیوں رکھا گیا ہے کیونکہ اب ایک اورنیا گروہ اہل کتاب کا نکلا ہے یعنی غیر احمدی۔اس لئے ان کی طرف سے یہ سوال ہوتا ہے۔ چنانچہ پہلا سوال کرنے والے نے ہی ایک یہ بھی کیا ہے کہ اہل کتاب اور غیر اہل کتاب کے ساتھ سلوک کرنے میں فرق کیوں رکھا گیا ہے؟برہمو جو کسی کتاب کو نہیں مانتے وہ تو اہل کتاب نہیں ہیں حالانکہ وہ شرک نہیں کرتے اور عیسائی جو اہل کتاب ہیں وہ اتنا بڑا شرک کرتے ہیں کہ جس کی نسبت خدا تعالیٰ بھی فرماتا ہے کہ قریب ہے کہ ان کے اس شرک کی وجہ سے آسمان پھٹ پڑے لیکن باوجود اس کے وہ تو اہل کتاب ہیں اور برہمو کے مقابلہ میں ان کے ساتھ معاملات میں بڑافرق رکھا گیا ہے۔ میرے نزدیک اِس فرق میں بہت بڑی حکمتیں ہیں جن کے سمجھنے کے لئے پہلے اِس بات کو اچھی طرح سمجھ لینا چاہئے کہ سوائے اس مذہب کے جو اپنے وقت کے لوگوں کے لئے خدا کی طرف ہدایت کے لئے مقرر ہوتا ہے باقی سب مذاہب جن کی اصل ہی کوئی نہ ہو یا ابتدا ء میں تو درست ہوں لیکن بعد میں خراب ہو گئے ہوں شرک سے کبھی خالی نہیں ہوتے کیونکہ کوئی مذہب اُسی وقت بگڑتا ہے جب اس کے پیرو ان صفاتِ الٰہیہ کے سمجھنے میں غلطی کرتے ہیں اور جب صفات الہیہ کے سمجھنے میں نقص پیدا ہو گا تو ساتھ ہی شرک پیدا ہو گا۔ پس کوئی جھوٹا مذہب شرک کی آمیزش سے خالی نہیں ہو سکتا ۔اور جو مذہب شرک کی آمیزش سے بکلی پاک ہے وہ ضرور سچا ہے۔ ہاں یہ الگ بات ہے کہ بعض جھوٹے مذاہب میں شرک ظاہر طور پر ہو اور بعض میں مخفی طور پر۔
اب جبکہ یہ بات ثابت ہو گئی کہ شرک تمام جھوٹے مذاہب میں ہوتا ہے اور قرآن کریم سے بھی ثابت ہے کہ مسیحی اور یہودی جن کو نام لے کر اہل کتاب کہا ہے وہ مشرک ہیں جیسا کہ فرمایا کہ۳؎ یہودی کہتے ہیں کہ عزیز اللہ کا بیٹا ہے اور نصارٰی کہتے ہیں کہ مسیح اللہ کا بیٹا ہے۔ پھر اسی ذکر کے ساتھ دوسری آیت میں فرمایا کہ ۴؎ پس قرآن کریم کے نزدیک سوائے اسلام کے سب مذاہب میں شرک ہے اور جس طرح غیر اہل کتاب مشرک ہیں اسی طرح دوسرے لوگ بھی مشرک ہیں ۔ اب یہ سوال پیدا ہو تاہے کہ جب اسلام کے سوا سب ہی مشرک ہیں تو پھر ناموں میں کیوں فرق کیا؟سو اِس کا جواب یہ ہے کہ ناموں میں فرق شناخت کے لئے کیا جاتا ہے کہ ایک جماعت دوسری سے الگ ہو جائے اور پہچانی جائے۔ تمام نام اِسی لئے رکھے جاتے ہیں تا ایک چیز دوسری چیز سے علیحدہ معلوم ہو جائے اور لوگ اسے شناخت کر سکیں چونکہ اللہ تعالیٰ چاہتا تھا کہ ان مذاہب میں جو کسی کتاب کو آسمانی مانتے ہیں اور ان میں جو کسی الہامی کتاب کو نہیں مانتے فرق کیا جائے اور کسی آسمانی کتاب کے ماننے والوں سے بعض نرمیاں کی جائیں۔ اس لئے ان کا ایک الگ نام رکھا تاکہ فوراً اُس نام سے ہر ایک شخص سمجھ لے کہ یہ گروہ فلاں فلاں رعایات کا مستحق ہے۔ اور نام میں اُس خصوصیت کو بیان کر دیا جو اُس میں پائی جاتی ہے یعنی اہل کتاب ہونا۔ پس جس طرح انسان حیوانوں میں سے ہی ہے لیکن دوسرے حیوانوں سے فرق کرنے کے لئے اسے انسان کہہ دیتے ہیں یعنی دو اُنس رکھنے والا۔ ایک خدا سے اور ایک بندوں سے اور یہ ایک ایسی خصوصیت ہے جو اور جانوروں میں نہیں پائی جاتی۔ اسی طرح اہل کتاب گو مشرک مذاہب میں سے ہی ہیں لیکن ان کو اہل کتاب اس خصوصیت کے اظہار کے لئے کہا گیا جو اِن کے سِوا دوسرے مذاہب میں نہیں پائی جاتی۔ اور جس طرح حیوانوں میں سے بعض حیوانوں کو انسان کہنے سے وہ جانداروں کی فہرست سے خارج نہیں ہوجاتے اسی طرح مشرکوں میں سے بعض مشرکوں کو اہل کتاب کہنے سے وہ مشرکوں کی فہرست سے خارج نہیں ہو جاتے۔ ہاں صرف ان کی ایک خصوصیت کا اظہار ہوتا ہے۔ اب رہا یہ سوال کہ کیوں اہل کتاب کے ساتھ دوسرے مذاہب کی نسبت نرم معاملہ کا حکم دیا گیا ہے؟ توا س کا جواب یہ ہے کہ خدا تعالیٰ کبھی کسی کی ذرا سی نیکی کو ضائع نہیں کرتا اور جس کسی میں جس قدر بھی نیکی ہو گی اُس کا اُسے ضرور بدلہ دیتا ہے۔
اسلام میں ایک سچے مومن کے لئے خدا تعالیٰ نے کچھ نشان مقرر کئے ہوئے ہیں اور وہ یہ کہ وہ خدا تعالیٰ پر ایمان لائے، فرشتوں ، کتابوں اور نبیوں پر ایمان رکھتا ہو۔ پھر خیرو شر، جزا و سزا، بہشت و دوزخ پر ایمان لاتا ہو لیکن اور کوئی جو اِن باتوں میں سے جس قدر زیادہ کو مانتا ہے اُسی قدر وہ اسلام کے قریب ہوتا ہے اس لئے ایک ایسا شخص جو کسی کتاب کو مانتا ہے بہ نسبت اس کے جو کسی کتاب کو نہیں مانتا اسلام کے قریب ہے کیونکہ ایک انسان جو خدا تعالیٰ کی طرف سے آنے والی کسی کتاب کوبھی نہیں مانتا وہ الہام کا قائل نہیں ہوتا۔ اور جب الہام کاقائل نہیں ہوتا تو انبیاء کا بھی قائل نہیں ہوتاکیونکہ نبی وہی ہوتا ہے جس کو الہام ہوتا ہو۔ لیکن جب الہام ہی نہ ہوا تو کوئی نبی کہاں ہوا اس لئے ایک مشرک صرف خدا تعالیٰ کا قائل ہوتا ہے لیکن اہل کتاب خدا اور نبیوں کا قائل ہوتا ہے۔ یعنی مشرک سے ایک درجہ آگے ہوتا ہے۔ پھر ایسے لوگ جو الہام کے قائل نہیں ہوتے وہ فرشتوں کو بھی نہیں مانتے کیونکہ الہام فرشتہ کے ہی ذریعہ ہوتا ہے۔ پس جو قوم نبیوں کو بھی مانتی ہے اور فرشتوں کو بھی مانتی ہے ضرور ہے کہ اُس کے مقابلہ میں ایک ایسی قوم جو نہ نبیوں کو مانتی ہے اور نہ فرشتوں کو ،کم درجہ رکھتی ہو اور پہلی میں دوسری کی نسبت ایمان کی زیادتی ہو۔ چونکہ خدا تعالیٰ کسی کے ایمان کو ضائع نہیں کرتا بلکہ جس قدر کسی کا زیادہ ایمان ہوتا ہے اُسی قدر اُسے زیادہ فائدہ پہنچاتا ہے اس لئے اہل کتاب کو جن میں مشرکین سے زیادہ ایمان ہے اِسی دنیا میں مسلمانوں کے زیادہ قریب رکھ دیا۔ کیونکہ غیر اہل کتاب یعنی مشرکین میں سے بہت سے ایسے لوگ ہیں جو خدا تعالیٰ کے قائل نہیں ہوں گے اور اگر خدا تعالیٰ کے قائل نہیں ہوں گے توا لہام کے قائل نہیں ہوںگے اور جب الہام کے قائل نہیں ہوں گے تو انبیاء اور ملائکہ کے بھی نہیں ہوں گے۔ لیکن جو اہل کتاب ہیں خواہ کسی کتاب کے ماننے والے ہیں وہ خدا، نبیوں اور اکثر حصہ فرشتوں کے بھی ضرور قائل ہوں گے۔ بعض ایسے بھی ہیں جو فرشتوں کو نہیں مانتے لیکن بہت کم۔ تو اہل کتاب میں چونکہ مشرکین کی نسبت ایمان کے تین جزو زیادہ ہیں یعنی وہ (۱) نبیوں (۲) کتاب پر اور(۳) ملائکہ پر ایمان لاتے ہیں اِس وجہ سے ان کے ساتھ سلوک میں زیادتی رکھی گئی ہے۔ ان کی لڑکیوں کا نکاح میں لینا اِس لئے جائز رکھا گیا ہے تاکہ اس طرح ان کے ساتھ مودّت اور پیار بڑھے کیونکہ جس کی لڑکی کسی کے ہاں آئے گی ضرور ہے کہ اُس کے تعلقات بھی اس سے بڑھیں ۔اِس سلوک کے ذریعہ اہل کتاب کے ساتھ خدا تعالیٰ نے تمدنی اور معاشرتی تعلقات کو مضبوط کیا ہے۔ اسی طرح کھانا کھا نا ہے جب کوئی کسی کے ہاں کھانا کھائے گا تو ضرور ہے کہ ان کی آپس میں محبت اور اُلفت بڑھے اور ان کے دنیاوی تعلقات مضبوط ہوں۔ پس ایک وجہ تو اہل کتاب کے ساتھ خصوصیت سے سلوک کرنے کی یہ ہے اور دوسری یہ کہ وہ انسان جو خداتعالیٰ کا توقائل ہے لیکن کسی بات کو نہیں مانتااس کے اعمال کی کوئی حدبندی نہیں کی جاسکتی کیونکہ وہ کہتا ہے کہ سب کام اپنی عقل کے مطابق کرنے چاہئیں۔ اگر اُس کی عقل میں چوری کرنا ناجائز ہے تو ناجائز ہے لیکن اگر اسکی عقل اس کے جائز ہونے کا فتویٰ دیتی ہے تواس کے لئے جائز ہے کیونکہ وہ آپ ہی خدا ہوتا ہے اور آپ ہی اچھی بُری چیز کا فیصلہ کرتا ہے۔ مثلاً اگر بیٹھے بیٹھے اس کے خیال میں یہ بات آجائے کہ فلاں آدمی کو قتل کر دینا ایک بہت عمدہ بات ہے تواب اُس کے لئے اُس کے قتل کے جواز کا فتویٰ مل گیا کیونکہ کوئی شریعت اُس کے لئے نہیں ہے جو اسے اس بات سے روکے اور اسکی حد بندی کرے ۔لیکن اگر کوئی کسی کتاب کے ماننے والا ہو تو اس کے یہ کہنے پر کہ میں فلاں کتاب کو مانتا ہوں فوراً پتہ لگ جائے گا کہ اس کے خیالات کیا اور کسی حد کے اندر ہونگے ۔ اور اگر کوئی کسی کتاب کو بھی نہ مانتا ہو تو اس کے خیالات کا بالکل کوئی پتہ نہیں لگے گا۔ اسلام چونکہ ایسی باتوں کو سخت ناپسند کرتا ہے جن میں کوئی حد بندی نہ ہو اور نہیں چاہتا کہ مسلمان ایسے لوگوں سے تعلق رکھیں جن کے حالات اور خیالات کا انہیں پتہ نہ ہو اِس لئے اس قسم کے لوگوں کے ساتھ اسلام نے تعلق رکھنے کی اجازت نہیں دی۔ ہاں جن لوگوں نے اپنے آپ کو کسی کتاب کے ماتحت کر دیا ہے اور اس کتاب کے ذریعہ ان کے خیالات کی حدبندی ہو گئی ہے ان سے اجازت دے دی ہے ۔کیونکہ ایک یہودی، ایک عیسائی اور ہندو کے خیالات اور حالات کا دائرہ معلوم ہوتا ہے اور آسانی سے اِس بات کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ اس کی ہر ایک بات اس دائرہ کے اندر اندر ہو گی۔ لیکن ایک ایسا شخص جو کسی کتاب کا قائل ہی نہیںاس کے خیالات کے دائرہ کا کوئی علم نہیں ہو سکتا کیونکہ اس کے لئے کوئی دائرہ مقرر نہیں ہوتا بلکہ وہ ہر وقت خود نیا دائرہ تجویز کرتا ہے اور ایسا شخص معاملات میں بہت خطرناک ہوتا ہے۔
اس میں شک نہیں کہ بعض لوگ کہہ دیں گے ایک مسلمان کہلانے والا بھی اپنے دائرے کو اس قدر وسیع کرتا ہے کہ سب کچھ ہی اس کے اندر آجاتا ہے لیکن ہم کہتے ہیں کہ ایسا شاذونادر ہوتا ہے ورنہ اکثر ایک مذہب کے ماننے والے کا حال اس کے اپنے اقرار سے معلوم ہو جاتا ہے اور ایسے شخص کی بدیاں بھی محدود ہی ہوتی ہیں ۔تو اسلام نے اِس بات کو مدنظر رکھ کر اہل کتاب کے ساتھ تو اس قسم کے تعلقات رکھنے کی اجازت دے دی ہے لیکن غیر اہل کتاب کے ساتھ نہیں دی اگر کوئی مسلمان ایک عیسائی یا یہودی یا ہندو عورت سے شادی کرتا ہے تو وہ اس کی نسبت جانتا ہے کہ یہ کچھ اس کے خیالات ہوں گے اور اس طرح کرے گی۔ مثلاً یہ کہ ان مذاہب میں جھوٹ بولنا ناجائز ہے اِس لئے اگر وہ اپنے مذہب کی پابند ہو گی تو اس سے پرہیز کرے گی۔ لیکن اگر کوئی دہریہ یا برہمو عورت ہو اور وہ جھوٹ بولے تو اُس کا مذہب اُسے اِس سے نہیں روکے گا کیونکہ درحقیقت اُس کا مذہب اُس کی اپنی عقل ہے اور وہ پہلے بنائے ہوئے قواعد کو اپنے ذہنی خیالات سے ہر وقت توڑ سکتی ہے اور نئے اصول تجویز کر سکتی ہے۔
پس چونکہ ہر ایک اہل کتاب کے خیالات اور حالات کا دائرہ معلوم ہوجاتا ہے اِس لئے ان کے ساتھ تعلق رکھنے کی اسلام نے اجازت دے دی ہے لیکن غیر اہل کتاب کا چونکہ معلوم نہیں ہوتا اس لئے اُن کے ساتھ تعلق رکھنے کی اجازت نہیں دی کیونکہ ان سے تعلقات رکھنے سے خطرناک نقصانات کا احتمال ہے اور اسلام ایسی بات کے کرنے سے روکتا ہے جس میں نقصان زیادہ اور نفع کم ہو۔ چونکہ اِس میں نقصان زیادہ ہے اِس لئے اِس سے روک دیااوریہ اسلام کی مسلمانوں پر ایک بہت بڑی رحمت ہے۔ تو یہ دووجوہات ہیں جن کیلئے اہل کتاب کا حق غیر اہل کتاب کی نسبت زیادہ رکھا گیا ہے اور ان کے ساتھ سلوک کرنے میں یہ فرق قرار دے دیا ہے۔
اِسی کے متعلق ایک اور سوال اس شخص نے کیا ہے اور وہ یہ کہ جب قرآن شریف نے اہل کتاب اور غیر اہل کتاب میں اِس لئے فرق رکھا ہے کہ اِن کی ایمانیات میں فرق ہے تو پھر کیا وجہ ہے کہ ہندوئوں ، یہودیوں اور عیسائیوں کے ساتھ سلوک کرنے میں بھی فرق نہیں رکھا گیا کیونکہ ایمانیات کے لحاظ سے توان میں بھی ایک دوسرے سے فرق ہے۔ عیسائی یہودیوں کی نسبت اور یہودی ہندوئوں کی نسبت اسلام سے قریب ہیں اور پھر غیر احمدی ان سب کی نسبت احمدیوں کے قریب ہیں تو پھر کیا وجہ ہے کہ ان کے ساتھ بھی اِسی لحاظ سے سلوک میں فرق نہیں رکھا گیا؟ معلوم ہوتا ہے کہ اس نے یہ سوال اِس لئے کیا ہے کہ اس نے دنیا کے معاملات اور خداتعالیٰ کے افعال پر غور نہیں کیا۔ اصل بات یہ ہے کہ سہولت اور کام کے چلانے کے لئے کچھ دائرے اور حدود مقرر کی جاتی ہیں اور گو ان دائروں کے اندر آنے والے افراد میں کچھ نہ کچھ فرق ہوتا ہے لیکن وہ سب اسی ایک ہی دائرہ میں سمجھے جاتے ہیں۔ مثلاً آدمیوں اور گدھوں میں امتیاز کے لئے ایک حد مقرر ہے مگر آدمیوں میں بھی بعض گدھے ہوتے ہیں۔ چنانچہ بعض بیوقوفوں کو لوگ گدھے کہتے ہیں لیکن اگر کہیں بہت سے آدمی بیٹھے ہوں اور ان میں ہی کچھ ایسے لو گ بھی ہوں جن کو گدھے کہا جاتا ہے تو ان سب کو گننے والا انسان گدھوں کو بھی انہیں میں شمار کرے گا نہ کہ انہیں گدھے قرار دے کر ان سے خارج سمجھے گا۔ اسی طرح ہر ایک چیز میں ہوتا ہے جس کی وجہ یہ ہے کہ کوئی دو چیزیں ایک جیسی نہیں ہو سکتیں اور کوئی د و چیزیں بالکل ایک ہی رنگ کی ،ایک ہی شکل کی، ایک ہی قدوقامت کی نہیں ہو سکتیں۔ ایک ہی اخلاق اور ایک ہی طبیعت کے دو آدمی نہیں ہو سکتے۔ پھر ایک ہی شکل ،ایک ہی آواز کے دو آدمی نہیں مل سکتے ضرور کچھ نہ کچھ ان میں فرق ہو گا۔ پس اگر فرق کے لحاظ سے ہر ایک انسان اور ہر ایک چیز کا نام الگ الگ قرار دیا جاتا تو نہ معلوم کس قدر ان کے نام ہو جاتے جس سے انتظامِ دنیا میں بہت سی ابتری پھیل جاتی۔ پھر کوئی دو کافر اور دو مومن اعمال کے لحاظ سے ایک دوسرے کے بالکل برابر نہیں ہو سکتے اس لئے ہر ایک کے لئے الگ الگ نام ہونا چاہئے تھا۔ پھر عیسائیوں، یہودیوں اور ہندوئوں میں تو ایک دوسرے سے بڑا ہی فرق ہے اس لئے ان میں سے ہر ایک کا بھی علیحدہ نام ہوتا۔ پھر اسلام کے فروعات کے لحاظ سے ہر ایک مسلمان میں فرق ہو گا اِس لئے ہر ایک کے ساتھ سلوک اور تعلق کے لئے الگ الگ قاعدہ قرآن شریف میں بتایا جاتا لیکن اِس کے لئے موجودہ قرآن شریف کیا اگر اس سے کروڑ گنا بھی زیادہ ہوتا تو بھی اس میں یہ سب باتیں نہ آسکتیں کہ فلاں کے ساتھ فلاں سلوک کیا جائے اور فلاں کے ساتھ فلاں۔ تویہ کہنا کم فہمی کا نتیجہ ہے۔
دنیا میں ہی دیکھ لو ہر ایک قسم کے لئے ایک حد بندی ہوتی ہے اور باوجود اس کے افراد کے اختلاف کے سب کو اسی میں سمجھا جاتا ہے۔ مثلاً سکول کے لڑکے ایک ہی امتحان دیتے ہیں لیکن ان کے لئے الگ الگ ڈویژن مقرر ہوتے ہیں اور پھر ان ڈویژنوں میں پاس ہونے والے لڑکوں میں بھی فرق ہوتا ہے۔ مثلاً فرض کر لو کہ تھرڈ ڈویژن میں پاس ہونے والوں کے لئے یہ حد ہے کہ جو ایک سَو سے دو سَو تک نمبر حاصل کرے وہ اس ڈویژن میں پاس ہو گا۔ اب جو لڑکے ۱۰۱یا ۱۰۲ یا ۱۰۴ اور اسی طرح دو سَو تک نمبر لیں گے وہ سب تھرڈ ڈویژن میں ہی پاس ہونے والے سمجھے جائیں گے نہ کہ ہر ایک کے فرق کے لحاظ سے اس کا الگ ڈویژن مقرر ہو گا۔ (چونکہ سوال کرنے والا ایک طالب علم ہے اِس لئے میں نے یہی مثال دی ہے) اسی طرح الٰہی قانون ہے۔ خدا تعالیٰ نے تمام انسانوں کا نام انسان رکھا ہے حالانکہ اِن میں ایک دوسرے سے ضرور کچھ نہ کچھ فرق ہوتا ہے۔ہاں کچھ فرق بڑے ہوتے ہیں اور کچھ چھوٹے ۔ خدا تعالیٰ نے بڑے فرقوں کے لحاظ سے الگ الگ نام رکھ دیا ہے۔ پس اِس لحاظ سے سب اہل کتاب کا ایک ہی نام ہے۔ باقی رہی ہر ایک کی حالت سو اِس کے مطابق اس سے سلوک ہوتا ہے۔ اگر کوئی ایسا اہل کتاب ہے جو آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کو گالیاں نکالتا ہے یا قرآن شریف کی بے ادبی کرتا ہے تو کبھی کوئی سچا مسلمان یہ پسند نہیں کرے گا کہ اُس کی لڑکی اپنے نکاح میں لے لے۔ یااُس کے ہاتھ کا پکا ہوا کھانا کھائے۔ اِس قسم کا سلوک ہر ایک کی حالت کے مطابق ہو گا۔ لیکن اسلام نے ایک اصول کے رنگ میں ان میں اور غیر اہل کتاب میں فرق رکھ دیا ہے۔ ایک غیراحمدی اور ایک مسیحی میں بلحاظ اس کے کہ وہ بھی نبیوں کو مانتا ہے اور ایک عیسائی بھی نبیوں کو مانتا ہے کوئی فرق نہیں ہے۔ ہاں انبیاء کے افراد کا خیال کریں تو فرق معلوم ہوتا ہے۔ یعنی ایک عیسائی آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کو اور مسیح موعود دونوں کو نہیں مانتا اور ایک غیر احمدی صرف حضرت مسیح موعود کو نہیں مانتا اس لئے کچھ فرق تو ہے۔ لیکن خدا تعالیٰ کے نزدیک کسی گروہ کا نام رکھنا بڑے فرق کی وجہ سے ہوتا ہے اور اگر چھوٹے چھوٹے فرقوں پر بھی نام رکھے جائیں تو دنیا کا کوئی کام بھی نہ چلے اور اہل دنیا کے لئے یہ ایک بہت ضرر دِہ بات ہو اور خدا تعالیٰ کی طرف سے کوئی ضرر دینے والی بات نہیں آتی۔ پھر مسلمانوں میں ہی کئی فرقے ہیں لیکن سب مسلمان ہی کہلاتے ہیںیہ کوئی نہیں کہتا کہ ان کے نام الگ الگ کیوں نہیں رکھے گئے۔ ہم کہتے ہیں کہ اگر اِس طرح نام رکھے جاتے تو کام ہی نہ چلتا۔ اصل بات یہ ہے کہ بڑے بڑے اختلاف کی وجہ سے نام رکھے جاتے ہیں اور اگر اِس معترض کو بُرا لگتا ہے کہ کوئی اسے حق سے دور کیوں قرار دیتا ہے تو ہم کہتے ہیںکہ ہم کب چاہتے ہیں کوئی حق سے دور ہو ہم بھی تو یہی چاہتے ہیں کہ سب لوگ حق کو قبول کر لیں اور ہم میں مل جائیں۔ پس جسے یہ بات بُری لگتی ہے اسے چاہئے کہ وہ حق کو قبول کرلے۔ پھر اُسے کبھی ہم حق سے دور نہ کہیں گے۔ہمیں کسی کو کافر کہنے کا شوق نہیں ہاں اگر کوئی اپنے اعمال سے کافر بنتا ہے تو بنے۔ لیکن اگر ہم غیر احمدیوں کے نزدیک جھوٹے ہیں اور کسی کو کافر کہتے ہیں تو اُسے بُرا کیوں لگتا ہے۔دیکھو عیسائی ہمیں کافر کہتے ہیں لیکن ہم اُن کے اِس کہنے سے نہیں چڑتے کیونکہ ہم اُنہیں سچا نہیں سمجھتے۔ پس اگر غیر احمدی ہمارے کافر کہنے سے چڑتے ہیں تو معلوم ہوتا ہے کہ وہ ہم کو سچا سمجھتے ہیں۔ ہم ان کو کہتے ہیں کہ جب وہی اسلام ہے جو ہمارے پاس ہے تو تم اِسے قبول کر لو۔ پھر ہم تمہیں کافر نہیں کہیں گے بلکہ اپنا بھائی سمجھیں گے۔
خدا تعالیٰ تمام لوگوں کو توفیق دے کہ وہ سچی راہ کو قبول کریں اور قسم قسم کے فتنوں میں پڑ کر صداقت اور راستی کو نہ چھوڑیں۔ ‘‘ (الفضل ۵؍ فروری ۱۹۱۶ئ)
۱؎ المائدہ: ۶ ۲؎ البینۃ:۲ ۳؎ التوبۃ: ۳۰
۴؎ التوبۃ: ۳۱
۳
دعوت الیٰ اللہ رضائے الٰہی کا موجب ہے
(فرمودہ ۲۸؍ جنوری ۱۹۱۶ئ)
تشہد ،تعوذ اور سورۃ فاتحہ کے بعد حضور نے مندرجہ ذیل آیت تلاوت کی:۔
۱؎
اور پھر فرمایا:۔
’’کھوئی ہوئی چیز انسان کو جب ملے وہ بہت خوش ہوتا ہے۔ اگر کوئی شخص کسی کی کوئی چیز ڈھونڈ کر لائے تو اُسے ایسی خوشی ہوتی ہے کہ وہ ڈھونڈ کر لانے والے کو انعام دیتا ہے پس کھوئی ہوئی چیز ملنے پر طبعاً خوشی ہوتی ہے۔ حضرت مسیح ناصری نے گناہ کے بخشنے کے متعلق یہ مثال بیان فرمائی ہے کہ ایک شخص تھا اس کے کچھ بیٹے تھے، اُس کا بہت مال تھا، اُس نے وہ مال سب بیٹوں میں تقسیم کر دیا اور کہا کہ جائو کھائو پیو اور اِس روپیہ سے تجارت کرو۔ باقی بیٹے تو مال کما کر لائے مگر ایک نے وہ سب مال کھا پی لیا اور بجائے کما کر لانے کے جو اصل تھا وہ بھی ضائع کر دیا اور آوارہ ہو گیا۔ آخر ایک جگہ جا کر اُس نے ملازمت کر لی۔ ایک دن اُسے خیال آیا کہ میں جو یہاں مصیبت میں پڑا ہوا ہوں اور میری یہ حالت ہو گئی ہے میں اپنے باپ ہی کے پاس کیوں نہ چلا جائوں کیونکہ جیسا میں یہاں کھاتا ہوں ایسا تو میرے باپ کے غلاموں اور ان جانوروں کو بھی مل جاتا ہے جو اُس کے پاس رہتے ہیں۔ جب وہ واپس آیا تو اپنے باپ کے نوکروں کے پاس آکر بیٹھ گیا۔ ایک نوکر نے جا کر اُس کے باپ کو خبر کی کہ تمہارا جو بیٹا چلا گیا تھا فلاں جگہ شرمندہ ہو کر بیٹھا ہے۔ باپ نے اُسے بلایا۔ جب وہ آیا تو اُس کے باپ نے کہا کہ بکرا لائو میں قربانی کروں۔ اس کے دوسرے بھائیوں نے کہا کہ ہم تو مال کما کر لائے تھے ہمارے لئے تو تُو نے قربانی نہیں کی اور جو مال کما کر نہیں بلکہ ضائع کر کے گھر آیا ہے اس کے لئے تو قربانی کرتا ہے؟ وہ کہنے لگا تم تو زندہ تھے مگر یہ میرے لئے اب زندہ ہوا ہے اِس لئے اِس خوشی میں بکرا کی قربانی کرتا ہوں کیونکہ جو زندہ ہے وہ تو زندہ ہی ہے اُس کا تو غم نہیں مگر جو مر کر زندہ ہوا اِس سے زیادہ خوشی ہوتی ہے۔ ایسے ہی اگر انسان مال محنت سے کما کر لائے اور وہ گم ہو کرپھر مل جائے تو اسے بہت زیادہ خوشی ہوتی ہے۔ انسان کے جس قدر جذبات ہیں وہ سب اللہ تعالیٰ کی صفات کے ظل ہیں۔ البتہ اللہ تعالیٰ میں وہ صفات زیادہ شان کے ساتھ جلوہ گر ہوتی ہیں اور انسان میں کم۔ جب انسان بھی اپنی کھوئی ہوئی چیز پر انعام دیتا ہے تو اگر خدا تعالیٰ کی کھوئی ہوئی چیز کوئی اس کے پاس ڈھونڈ کر لادے تو وہ تو اُسے یقینا بڑا انعام دے گا۔
مُفْلِحُوْنَ کہہ کر یہ بتایا کہ جو لوگ خدا تعالیٰ کے مذہب کی طرف لانے والے ہوں گے وہ بڑے بڑے انعام پائیں گے۔ دوسرے گمشدہ وہ لوگ ہیں جو دین سے جاہل، سچے دین کو چھوڑنے والے اور انبیاء کی مخالفت کرنے والے، قرآن کریم کو چھوڑنے والے ہیں۔ پس جو خدا کی گمشدہ مخلوق کو خدائے تعالیٰ کے پاس لاتا ہے خدا تعالیٰ ضرور اُسے بڑے بڑے انعام دیتا ہے۔ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے اس کی تشریح ایک دفعہ حضرت علی رضی اللہ عنہ کو کسی سفر پر چلتے وقت بیان فرمائی آپ نے فرمایا کہ اگر ایک روح بھی تیرے ذریعہ سے ہدایت پا جائے گی تو دنیا وَ مَافِیْھَا کی سب نعمتوں سے بہتر ہو گا۔ ۲؎ دنیا کی نعمتیں تو محدود اور ایک خاص وقت تک ہی ہیں لیکن جب خدا تم سے راضی ہو جائے گا تو یقینا غیر محدود نعمتیں غیر محدود زمانہ تک تمہیں ملیں گی۔ جو خدا کی تعلیم سے بھاگنے والوں کو واپس خدا کی طرف لائیں گے خدا تعالیٰ یقینا اُن کو کامیاب اور مظفر و منصور کر ے گا وہ کبھی نا کام و نامراد نہیں ہو ںگے۔ اُس کے فضل کو حاصل کرنے کے لئے یہ ایک عمدہ ذریعہ ہے۔ ایک باپ کا اگر چھوٹا بچہ بھی جس کے اعضاء بھی اچھے اور مضبوط نہ ہوں گم ہو جائے اور پھر اُسے مل جائے توا ُسے کس قدر خوشی اور راحت ہوتی ہے۔ اِسی طرح کسی بندہ کے راہ راست پر آجانے سے خدا تعالیٰ کو بھی بہت خوشی ہوتی ہے۔ پس قومی ترقی کیلئے اصلاح وارشاد بڑا ذریعہ ہے۔ بلکہ یہ ترقی حاصل کرنے کا بڑا عجیب ذریعہ ہے ایک تو یہ مصائب کو ٹال دیتا ہے اور دوسرے یہ سُود درسُود ہو کر واپس ملتا ہے۔ ایسے لوگوں کو فائدے ہی فائدے ہیں ان کا مال بڑھتا ہی ہے کم نہیں ہوتا۔ کیونکہ جو ترقی اور فائدہ خدا کی طرف سے آتا ہے وہ ۷۰گنا کے قریب ہو تا ہے اس سے پہلی بات تو یہ ہو گی کہ جماعت بڑھے گی پھر خدا تعالیٰ فرماتا ہے کہ میں اس کو اور بڑھاتا ہوں ۔۳؎ اللہ تعالیٰ کے رستہ کی طرف لانا اللہ کی رضا حاصل کرنے کا ذریعہ ہے۔ جن قوموں نے اِس کام کو اپنے ہاتھوں میں لیا وہ کبھی ذلیل و رُسوا نہیں ہوئیں بلکہ وہ کامیاب اور مظفر و منصور ہی ہوئی ہیں۔ جب خدا تعالیٰ ترقی کا وعدہ کرتا ہے تو پھر اور کون اسے روک سکتا ہے۔
اِس وقت ہماری جماعت نے خدا تعالیٰ کے پیغام کو ساری دنیا میں پہنچانے کا ذمہ لیا ہے لیکن ہماری جماعت میں بھی ایسے لوگ ہیں جو یہ کہہ دیتے ہیں کہ لوگ ہماری بات کو نہیں سنتے اِس آیت میں اللہ تعالیٰ فرماتا ہے کہ جو لوگ اِس راہ میں کوشش کرتے ہیں وہ ضرور کامیاب ہوتے ہیں بلکہ اس آیت میں یہ بھی فرمایا یعنی ان کی کوششیں کامیاب ہوتی ہیں اور اُن کو ان کی کوششوں کا بدلہ دیا جاتا ہے۔ خواہ کوئی مسلمان ہو یانہ ہو، مانے یا نہ مانے۔ اس آیت میں یہ الفاظ نہیں کہ اگر کوئی مسلمان ہی ہو تو تب تمہیں بدلہ دیا جائے گا بلکہ یہ فرمایاکہ جو کوشش کرے گا اُسے بدلہ دیا جائے گا خواہ کوئی اس کی بات کو مانے یا نہ مانے۔
ہماری جماعت میں کم لوگ ہیں جن کے ذریعہ سلسلہ میں لوگ آئے ہیں۔ا کثر حصہ وہ ہے جو اِس کام میں پوری طرح اپنا فرض ادا نہیں کرتا۔ وہ سمجھتے ہیں کہ دوسروں کا کام ہے۔ بعض ایسے ہیں جن کے ذریعہ ایک بھی جماعت میں نہیں آیا۔ بلکہ ۸۰ فیصدی ایسے لوگ ہوں گے جن کے ذریعہ کوئی بھی فردسلسلہ میں نہیں آیا۔ لیکن جو کوشش کرتے ہیں اُن کے متعلق اللہ تعالیٰ فرماتا ہے۔ وہ ضرور کامیاب ہوں گے۔
میں جب خلیفہ ہوا مجھے یہ افسوس ہوا کہ میں نے تو ارادہ کیا ہوا تھا کہ دنیا میں پھر کر لوگوں کو ہدایت کی دعوت دوں گا اب خلافت کی وجہ سے یہ کام نہیںہو سکتا۔ انہی ایام میں خدا تعالیٰ نے ایک عیسائی نوجوان کو بھیج دیا کئی دن تک بحث ہوتی رہی آخر خدا تعالیٰ نے اُسے مسلمان بناد یا۔ اِسی طرح خدا تعالیٰ نے مجھے سمجھایا کہ یہ ضروری نہیں کہ باہر ہی جا کر لوگوں کو سمجھایا جائے جہاں ہم کسی آدمی سے کام لینا چاہتے ہیں وہیں لے سکتے ہیں۔ گو خدا تعالیٰ کے فضل سے جماعت ترقی کر رہی ہے مگر ترقی کی رفتار بہت ہی سست ہے۔ ابھی وہ برکات نہیں نازل ہوئیں کہ جن کی وجہ سے فوج در فوج لوگ اسلام میں داخل ہوں۔
مجھے یہ تحریک اس لئے ہوئی کہ ایک انگریز نے ایک رسالہ لکھا ہے اور کہتا ہے کہ یہ جماعت تو اسلامی سمندر میں ایک کیڑا کے برابر ہے۔ واقعہ میں اُس کی یہ بات صحیح ہے اِس میں شک نہیں کہ ہم ایک قطرہ کی طرح ہیں مگر بعض وقت ایک قطرہ اپنا اثر تمام پانی پر ڈال دیتا ہے۔ مثلاً سنکھیا ہی ہے کتنی تھوڑی سی چیز ہے مگراِس کا تھوڑا سا کھا لینا بھی انسان کو ہلاک کر دیتا ہے اور کثرت سے اِس قسم کی زہریلی دوائیں ہیں کہ تنکے کے اُوپر جس قدر حصہ آتا ہے و ہی کھاتے ہیں۔ا گر اس سے زیادہ کھایا جائے تو بڑا خطرناک ہوتا ہے ۔پھر ایک دیا سلائی کتنی چھوٹی سی چیز ہے مگر تمام جنگل کو جلا دیتی ہے اور شہروں کو خاک سیاہ کر سکتی ہے۔ پھر ہمارے لئے تو خدا تعالیٰ کی پیشگوئیاں اور بڑے بڑے وعدے بھی ہیں۔ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا تھا کہ مسیح د مشق کے مشرق کی طرف نازل ہو گا۔۴؎ تعبیر نامہ میں مشرق کی طرف جانا یا مشرق سے آنا ترقی کی علامت ہوتی ہے۔ اِس سے یہ مطلب تھا کہ اسلام کی ترقی ہو گی۔ یعنی روحانیت ان لوگوں سے نکل گئی ہو گی وہ آکر ان میں روحانیت پیدا کریں گے۔ اور پھر تلوار سے نہیں بلکہ دلائل سے فتح یاب ہوں گے۔ دراصل اس پیشگوئی کا مطلب یہی تھا مگر حضرت مسیح موعودعلیہ السلام نے آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کے ظاہری الفاظ کے بھی پورا کرنے کی کوشش کی۔
پس صداقت کے مدعیوں کو ہمت و استقلال سے کام لینا چاہئے ۔جب یہ وعدے ہیں کہ لوگ مان لیں گے تو پھر ہمیں چاہئے کہ اِس پیشگوئی کے ظاہری اور باطنی لفظوں کو پورا کرنے کی کوشش کریں۔ جو یہاں ہیں اگر وہی اصلاح وارشاد کا کام پوری طرح سرا نجام دیں اور ہماری جماعت کا ہر فرد اِس کوشش میں رہے کہ میں ایک آدمی کو سچا مسلمان بنا لوں گا تو اس طرح جماعت بہت جلد دُگنی ہو سکتی ہے۔
کہتے ہیں کہ جس شخص نے شطرنج کی کھیل نکالی تھی وہ بادشاہ کے پاس اسے تحفۃً لے گیا۔ بادشاہ نے کہا کہ اسے لاکھ روپے دے دو۔ اِس نے کہا حضور! میں لاکھ نہیں لیتا آپ شطرنج کے خانوں میں اس طرح روپیہ رکھیں کہ پہلے خانہ میں ایک روپیہ، دوسرے میں دو، تیسرے میں تین حتیٰ کہ یہ تمام خانے پُر ہو جائیں۔ بادشاہ نے کہا اِس پاگل کو سمجھائو کہ اِس طرح تمہیں نقصان ہو گا۔ خیر اس نے اس کی تجویز مان لی اور خزانچی سے کہا کہ تم ہر خانہ میں پہلے سے دُگنا رکھتے جائو۔ وہ رکھتا گیا ۔رکھتے رکھتے اس روپیہ کی تعداد لاکھ سے بڑھ گئی۔ خزانچی نے بادشاہ کو کہا کہ حضور! خزانہ تو خالی ہو گیا ہے اور ابھی خانے پُر ہونے باقی رہتے ہیں۔
پس یہ بالکل صحیح بات ہے کہ اگر ایک احمدی اپنے ساتھ ایک آدمی لائے پھر جو آنے والا ہے وہ کسی اَور کو لائے تو اِس طرح ہزار سے دو ہزار ، دو ہزار سے چار ہزار اِسی طرح کروڑوں تک تعداد پہنچ سکتی ہے۔ صرف اخلاص اور محبت کی ضرورت ہے جب تک اخلاص نہ ہو کچھ بھی نہیں ہو سکتا۔ جس میں اخلاص ہو گا وہ خود بخود کوشش کرے گا۔ جب خدا تعالیٰ نے جو یہ وعدہ فرمایا ہے کہ وہ لوگ کبھی ناکام و نامراد نہیں ہو ںگے تو تم کیونکر ناکام ہو سکتے ہو۔ا للہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ ہمارے مردوں، عورتوں اور بچوں اور بوڑھوں میں یہ جوش اور اخلاص پیدا کرے۔‘‘ آمین (الفضل ۱۶؍ جون ۱۹۶۵ئ)
۱؎ اٰل عمران: ۱۰۵
۲؎ بخاری کتاب الجہاد باب دعاء النبی ﷺ الی الاسلام والنبوۃ
۳؎ البقرہ : ۲۶۲
۴؎ سنن ابن ماجہ کتاب الفتن باب فتنۃ الدجال وخروج عیسٰی ابن مریم (الخ)
۴
تمام احمدی ہوشیار ہو جائیں
(فرمودہ ۴؍ فروری ۱۹۱۶ئ)
تشہد ، تعوذاور سورۃ فاتحہ کی تلاوت کے بعد فرمایا:۔
’’آج ایک خاص بات کے متعلق میں اپنی جماعت کے لوگوں کو متوجہ کرنا چاہتا ہوں۔ بات تو وہ بہت ضروری ہے اور چاہتی ہے کہ اس کے متعلق مفصل بیان کیا جائے لیکن پرسوں سے مجھے تپ ہے اور ایک پھوڑا بھی ران پر نکلا ہوا ہے جس کی وجہ سے میں زیادہ کھڑا نہیں ہو سکتا اِس لئے مختصر بیان کرتا ہوں۔
اللہ تعالیٰ کا اپنے بندوں پر یہ خاص فضل اور احسان ہوتا ہے کہ وہ ان کی ہدایت کے لئے سامان مہیا کر دیتا ہے۔ یہ سامان تو بہت سے ہیں مگرا ن کے مفصل ذکر کرنے کی اِس وقت گنجائش نہیں۔ ان سامانوں میں سے ایک یہ بھی ہے کہ وہ آنے والی مصیبتوں اور بلائوں سے قبل از وقت ایسے بندوں کو جن پر وہ خوش ہوتا ہے اطلاع دے دیتا ہے تاکہ وہ اس اطلاع سے فائدہ اُٹھا کر اپنی اصلاح کر لیں، صدقہ و خیرات کریں، دعائیں مانگیں جس سے بلا ٹل جاتی ہے۔ خدا تعالیٰ کی یہ ہمیشہ سے سنت ہے کہ وہ اپنے ایسے بندوں پر جن کے دلوں میں اُس کی محبت اور عظمت ہوتی ہے مگر کوئی کمزوری ایسی ہوتی ہے جس کی وجہ سے وہ تکالیف اور مصائب میں مبتلا ہونے والے ہوتے ہیں ان پر یہ رحم اور فضل کرتا ہے کہ انہیں قبل از وقت اطلاع دے دیتا ہے تاکہ وہ اپنی اصلاح کر کے گناہوں کا خمیازہ اُٹھانے سے بچ جائیں۔
اِس وقت کئی دنوں سے متواتر بعض لوگوں کو قادیان میں بھی اور باہر بھی ایسی متوحش خوابیں آرہی ہیں جن کا تعلق خاص قوم اور جماعت سے ہے اور جن سے پتہ لگتا ہے کہ کوئی ایسی مشکلات آنے والی ہیں جو جماعت سے تعلق رکھتی ہیں۔ میں نے بھی بعض خوابیں اِنہی دنوں میں اِسی قسم کی دیکھی ہیں۔ یہ خوابیں کیوں آرہی ہیں؟ ہم کوئی نبی نہیں کہ ہماری نبوت کے ثبوت کے لئے خدا بتا رہاہے بلکہ اِن کی یہی غرض ہے کہ ہماری جماعت کے لوگ ہوشیار ہو جائیں اور اس آنے والے وقت سے پہلے اپنے اندر ایسی تبدیلی پیدا کر لیں اور ایسے تضرع سے دعائیں مانگیں، صدقہ و خیرات کریں کہ خدا تعالیٰ اِن مشکلات کو ٹلا دے۔ یہ ایسی ہی بات ہے جیساکہ گورنمنٹیں بھی جب کسی بات کو ناپسند کرتی ہیں اور وہ ایسے لوگوں کی طرف سے سرزد ہوتی ہیں جن پر وہ خوش ہوتی ہیں تو اُنہیں پہلے یہ اطلاع دے دیتی ہیں کہ یہ بات تم نے اچھی نہیں کی آئندہ احتیاط کرنا۔ تو خدا تعالیٰ بھی جس قوم پر خوش ہوتا ہے اُس کو قبل از وقت یہ اطلاع دے دیتا ہے کہ ایک مصیبت آنے والی ہے اس سے بچنے کا سامان کر لو۔ یعنی صدقہ و خیرات دو، دعائیں کرو اور اپنے حالات میں تبدیلی پیدا کرو تاکہ وہ ٹل جائے۔ پس آپ لوگوں کو چاہئے کہ اس سے فائدہ اُٹھائیں۔
بعض لوگوں کے متعلق تو مجھے خاص طور پر بھی دکھایا گیا ہے میں نے دو آدمیوں کے متعلق جو ہماری ہی جماعت کے ہیں دیکھا ہے کہ وہ دہریہ ہو گئے ہیں۔ لیکن اکثر خوابیں عام طور پر ہیں۔ بعضوں نے زلزلہ دیکھا ہے، بعضوں نے بارش کو دیکھا ہے، بعضوں نے آگ اور اولوں کو دیکھا ہے، بعضوں نے چوروں اور ڈاکوئوں کو دیکھا ہے، بعضوں نے طاعون کے رنگ میں دیکھا ہے، ایک نے آسمان سے آگ کا برسنا دیکھا ہے غرض مختلف لوگوں نے مختلف رنگ میں خوابیں دیکھی ہیں اورخدا تعالیٰ نے کئی طریق پر مطلع کیا ہے ۔پس آپ لوگ اس وقت کے آنے سے پہلے اپنے آپ کو اس قابل بنا لیں کہ خدا تعالیٰ اس سے محفوظ رکھے۔ اس وقت یہ معلوم نہیں کہ وہ مصیبت کیا ہے قحط ہے یا زلزلہ ہے یا طاعون ہے یا کوئی اور قسم کا امن وا مان کا خطرہ ہے مگر جو کچھ ہے خدا تعالیٰ نے اپنا فضل اور رحم کر کے اس کے ظاہر ہونے سے پہلے رئویا میں ہماری جماعت کے بعض لوگوں کو بتا دیا ہے اِس لئے سب جماعت کو ہوشیار ہو جانا چاہئے۔ دیکھو! اگر کسی سوئے ہوئے آدمی کے گھر چور پڑتے ہیں تو سب کچھ لے جاتے ہیں لیکن جنہیں پہلے اطلاع ہوتی ہے اور وہ جاگتے ہوتے ہیں وہ اپنا مال بچا لیتے ہیں۔ چوروں کے آنے سے پہلے کسی اَور جگہ رکھ لیتے ہیں یا اور کوئی حفاظت کے لئے سامان کر لیتے ہیں۔ پس خدا تعالیٰ جو کسی آنے والی مصیبت کے متعلق رئویا میں بتاتا ہے وہ ایسی ہی ہوتی ہے جو اس قوم سے ٹلنے والی ہوتی ہے۔ اور اگر ٹلنے والی نہ ہو تو بتاتا ہی نہیں کیونکہ ایسی صورت میں اس کا رئویا میں بتانا لغو اور فضول ٹھہرتا ہے۔ ہماری جماعت کے لوگوں کو بتانے سے خدا تعالیٰ کا منشاء اور ارادہ یہی ہے کہ اگر یہ لوگ توبہ کریں، صدقہ اور خیرات دیں اور دعائیں کریں تو اِن سے یہ مصیبت ٹل جائے۔ پس اتنے لوگوں کو رئویا میں بتایا جانا جن کی تعداد بیس پچیس کے قریب ہے اور بعضوں کو بار بار بتایا جانا ثابت کرتا ہے کہ خدا تعالیٰ کا منشاء ہے کہ اگر یہ لوگ اصلاح کر لیں توا ن سے مصیبت ٹل جائے۔ ہم تو چاہتے ہیں کہ ساری دنیا سے ہی یہ مصیبت ٹل جائے مگر کم از کم وہ لوگ جو اپنے ہیں ان کے متعلق ہمیں خاص طور پر فکر ہے ا س لئے ہماری جماعت کے وہ لوگ جو یہاں کے رہنے والے ہیں اور وہ جو باہر کے رہنے والے ہیں خاص طور پر اِن دنوں میں دعائوں میں لگ جائیں یہاں تک کہ خدا تعالیٰ بشارت دے اور خود بتا دے کہ اب وہ مصیبت کے ایام ٹل گئے ہیں۔ جن لوگوں کو خدا تعالیٰ توفیق دے وہ صدقہ دیں اور سب لوگ دعائوں میں مشغول رہیں اور اپنی اصلاح کی طرف خاص توجہ رکھیں۔
اللہ تعالیٰ یہاں کے اور باہر کے اُن تمام لوگوں کو جو ہماری جماعت میں داخل ہیں اور جنہوں نے حضرت مسیح موعود کو مانا ہے ہر ایک قسم کی بلائوں اور مصیبتوں سے بچائے اور اپنی حفاظت میں رکھے۔ ‘‘ (الفضل ۸؍ فروری ۱۹۱۶)

۵
فتنے اور آزمائشیں روحانی ترقی کے لئے ضروری ہیں
(فرمودہ ۱۸؍ فروری ۱۹۱۶ئ)
تشہد، تعوذاور سورہ فاتحہ کے بعد حضور نے مندرجہ ذیل آیات کی تلاوت کی:۔
۱؎
پھر فرمایا:۔
’’اللہ تعالیٰ کا فضل ہے کہ اُس نے پھر مجھے آپ لوگوں کے سامنے بولنے کی توفیق دی۔ مجھے اِس وقت بھی تپ ہے اور راستہ میں چکر بھی آگیا تھا پہلے تو میرا ارادہ کچھ بولنے کا نہ تھا کل میں نے ڈاکٹر صاحب سے اتنی اجازت لی تھی کہ جمعہ کی نماز میں شامل ہو جائوں لیکن جب چلنے لگا تو خدا تعالیٰ نے اتنی ہمت دے دی کہ خطبہ بھی میں ہی پڑھا دوں۔
انسان اور حیوان میں بہت بڑا فرق ہے اور وہ بڑا فرق دنیاوی لحاظ سے تمدن کے نام سے یاد کیا جاتا ہے اور دینی لحاظ سے اِس فرق کو مذہب کہتے ہیں تو دوطرح کا فرق ہے۔ دنیاوی لحاظ سے تویہ ہے کہ انسان میں تمدن ہے اور حیوان میں نہیں ہے اور دینی لحاظ سے یہ کہ انسان کے ساتھ ایک دین لگا ہوا ہے اور حیوان کے ساتھ نہیں ہے۔ گو حیوان کے ساتھ بھی ایک طرح کی اطاعت اور فرمانبرداری تو ہے اور ایک رنگ میں وہ عبادت بھی کرتا ہے لیکن اس کے افعال میں قدرت نہیں۔ اسے بھلائی بُرائی کے انتخاب کا اختیار نہیں دیا بلکہ جس طریق پر اسے چلا دیا گیا ہے اسی پر وہ چلتا رہے گا۔ لیکن انسان کے کاموں میں قدرت اور اندازہ کا دخل ہوتا ہے اور اس کے لئے بُرا اور بھلا دونوں رستے کھلے ہوتے ہیں تاکہ ان میں سے جسے چاہے اختیار کر لے اور یہ بات انسان کے اختیار میں ہوتی ہے کیونکہ بھلے اور بُرے راستے کا اختیار کرنا اس کے انتخاب پر چھوڑا جاتا ہے اور قبل از وقت اسے بتا دیا جاتا کہ بھلا راستہ کونسا ہے اور بُرا کونسا، سکھ کس میں ہے اور دُکھ کس میں، آرام کس میں ہے اور تکلیف کس میں، فائدہ کس میں ہے اور نقصان کس میں تو انسان اور حیوان میں دو فرق ہیں۔ دنیاوی لحاظ سے جو فرق ہے اسے تمدن کہا جاتا ہے یعنی انسان اپنی نسل اور قوم کے فوائد کیلئے دوسرے انسانوں سے مل کر کام کرتا ہے۔ چونکہ ایک انسان کے کام سے دوسرے کو نفع پہنچتا ہے اِس لئے تمام انسان مل کر یا انسانوں کا ایک بہت بڑا حصہ مل کر ایک دوسرے کے فائدہ اور نفع کی کوشش کرتا ہے لیکن حیوانوں میں یہ بات نہیں ہے یہ صرف انسانوں میں ہی ہے۔ دوسرے انسان کو اچھے اور بُرے، نیک اور بد، نفع اور نقصان میں تمیز کرنے اور اپنے اختیار سے ان دونوں راہوں میں سے ایک پر چلنے والا بنایا گیا ہے لیکن یہ بات حیوانوں میں نہیں ہے۔ پس جو انسان، انسان ہو کر اِن دونوں قسم کے فرقوں کو نہیں جانتا وہ جانور سے ممتاز نہیں ہو سکتا اور وہ انسان ہی نہیں ہے۔ بلحاظ جسمانی تعلقات کے اگر انسان میں تمدن نہیں ہے اور بلحاظ روحانی تعلقات کے اگر انسان مذہب اور دین کا پابند نہیں ہے تواس میں اور سؤر، بندر، ریچھ وغیرہ جانوروں میں کوئی فرق نہیں ہے۔ تمدن کے متعلق اِس وقت ہمیں کچھ کہنے کی ضرورت ہے۔ یہ ان لوگوں کا کام ہے جو دنیا کے علوم اور فوائد میں منہمک ہیں۔ ہمیں سوائے اس کے کہ اِس وقت جبکہ تمدن مذہب اور دین میں داخل ہو جائے اس پر بحث کرنے کی ضرورت نہیں ہے اس لئے میں اِس وقت مذہب کے متعلق ہی کچھ گفتگو کرنا چاہتا ہوں۔
روحانی لحاظ سے انسان اور حیوانوں میں مذہب کا فرق ہے انسان کسی نہ کسی مذہب کا قائل ہوتا ہے اور حیوان نہیں ہوتے۔ ان کے لئے کوئی تازہ شریعت نہیں آتی بلکہ ان کی فطرت میں ہی ابتداء سے جو کچھ ودیعت کر دیا گیا ہے وہی ہے مگر انسان کو وحی اور الہام کے ذریعہ سے شریعت سے آگاہ کیا جاتا ہے اور حیوانوں میں سے ہر ایک کو ایسی وحی کی جاتی ہے جو اس کی فطرت کے متعلق ہوتی ہے۔مگر انسانوں میں سے ایک حصہ کو وحی سے ممتاز کیا جاتا ہے۔ یوں تو فطرتاً ہر ایک انسان کو بھی وحی کی جاتی ہے مگر وہ وحی جو مذہب کے متعلق ہوتی ہے وہ ہر ایک کو نہیں ہوتی بلکہ اُنہی انسانوں کو ہوتی ہے جو حقیقت میں عابد اور عبد بنتے ہیں اورپھر جو اس وحی پر عمل کرتے ہیں اور جو مدعا اس میں پایا جاتا ہے اس کے حاصل کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ وہ دوسرے انسانوں کے لئے نمونہ ہوتے ہیں اور ان میں سے ممتاز کئے جاتے ہیں۔ خدا تعالیٰ نے ایسے ہی لوگوں کا نام بند ہ اور انسان رکھا ہے
درحقیقت وہی انسان ہوتا ہے جوا پنے اندر دو اُنس رکھے۔ ایک خدا سے اور ایک اس کے بندوں سے ۔اور وہی عبد ہے جو عبودیت میں اپنے جسم اور روح کو لگا دیتا ہے۔
کہنے کو تو جانور بھی کہہ سکتا ہے کہ میں انسان ہوں۔ لوگ طوطے کو سکھاتے ہیں کہ کہو ’’میاں مٹھو‘‘۔ لیکن اگر کوئی اسے یہ سکھا دے کہ ’’میں انسان ہوں‘‘ تو وہ یہی کہنے لگ جائے لیکن اس کے کہنے سے وہ انسان نہیں بن جائے گا کیونکہ انسان کے اندر جو خواص اور باتیں ہونی چاہئیں وہ اس کے اندر نہیں ہیں۔ کیا یہ طوطے کی شکل وصورت کا قصور ہے کہ وہ باوجود اس کے کہ کہتا ہے کہ میں انسان ہوں انسان نہیں ہو سکتا ؟اور کیا اگر موجودہ انسان طوطے کی شکل ہوتے تو انسان نہ ہوتے؟ پھر کیا اگر حیوان انسان کی شکل کا ہوتو وہ انسان ہو سکتا؟ مثلاً بہت سے بندر اور مچھلیاں ایسی ہیں کہ انسان کی شکل سے بہت بڑی مشابہت رکھتی ہیں مگر انسان نہیں ہیں۔ ان کا منہ، سر، کان، اُنگلیاںوغیرہ انسانوں کی طرح کی ہوتی ہیں پھر کیا وجہ ہے کہ ان کو انسان نہیں کہا جاتا؟ اور مچھلیوں اور آدم کی اولاد میں وہ کیا فرق ہے جوان کو علیحدہ رکھتا ہے یہی کہ وہ مذہب کی اس رنگ میں پابند نہیں ہیں۔ جس رنگ میں انسان پابند ہیںان کو وہ سمجھ اور عقل نہیں ہے جو انسانوں کو متمدن اور عقل مند بناتا ہے۔ پس اگر انسانی شکل کسی حیوان کی ہو جائے تو وہ انسان نہیں ہو سکتا اور اگر انسان کی موجودہ شکل بدل کر کسی اور طرح کی بناد ی جائے تو وہ حیوان نہیں ہو جاتا۔ کئی آدمی ایسے ہوتے ہیں جو بہت بد شکل ہوتے ہیں اوربندر کی طرح ان کی صورت ہوتی ہے مگر وہ بندر نہیں ہوتے۔
پس وہ چیز جو انسانوں اور حیوانوں میں مَابِہِ الْاِمْتِیَاز ہے اگر اِسی کے حاصل کرنے یا حاصل کردہ کے قائم رکھنے میں انسان کوشاں نہ ہو تو کیا وہ انسان ہو سکتا ہے؟ ایسا انسان صرف لفظی انسان ہے حقیقی نہیں اور حیوانوں سے بدتر ہے کیونکہ حیوان جس قانون کے ماتحت رکھے ہوتے ہیں وہ اس میں نافرمانی نہ کر سکتے ہیں اور نہ کرتے ہیں مگر انسان کو جس قانون کا پابند قرار دیا جاتا ہے وہ اس کی مخالفت میں کھڑاہو جاتا ہے اور مخالفت کرتا ہے۔ ایسی حالت میں وہ انسانیت سے بالکل دور جا پڑتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ جب کوئی انسان انسانیت کو چھوڑتا ہے تو ایسی حالت میں ہوتا ہے کہ حیوانوں سے بدتر ہو جاتا ہے۔ ایک کتے اور ایک چڑیا کی خدا تعالیٰ کے حضور قدر ہوتی ہے مگرا س کی نہیں ہوتی۔ایک کتے کی خدا تعالیٰ کے نزدیک قدر ہوتی ہے مگر انسان کی نہیں ہوتی ۔ایسے موقع پر خداتعالیٰ کے سامنے انسان ایک بدترین مخلوق ہوتا ہے۔
مجھے خوب یاد ہے حضرت مسیح موعودعلیہ السلام کہانی کے رنگ میں سنایا کرتے تھے اور اس قسم کی باتیں لکھنے والوں نے لکھی ہیں۔ معلوم نہیں سچی ہیں یا جھوٹی ۔ بعض باتیں نصیحت کے طور پر لکھی جاتی ہیں اور بعض کی کچھ اصلیت بھی ہوتی ہے اور بعض کی نہیں۔ اسی طرح کسی نے لکھا ہے کہ حضرت نوح علیہ السلام کے وقت جو طوفان آیا تو ایک چڑیا کا بچہ پہاڑ کی چوٹی پر پیاسا تھا۔ ماں باپ اُس سے جدا ہو چکے تھے اور بہت سخت پیاسا ہو رہا تھا۔ طوفان جو بڑھتا گیا تو آخر اُس پہاڑ کی چوٹی تک بھی پہنچا اس وقت اس چڑیا کے بچہ نے پانی پی لیا۔ یہ واقعہ سچا ہے یا جھوٹا اِ س سے ہمیں بحث نہیں لیکن اِس میں جو حکمت ہے وہ بہت سچی ہے اور وہ یہی ہے کہ جب انسان خدا کے مقرر کردہ قوانین کو توڑ کر اس کے مقابلے کے لئے کھڑا ہو جاتا ہے تو اُس وقت خدا تعالیٰ کے نزدیک حیوانوں کی قدر ہوتی ہے مگر اس کی نہیں ہوتی۔ کیوں؟ اِس لئے کہ حیوان خدا تعالیٰ کے نافرمان نہیں ہوتے اور یہ ہوتا ہے۔ پھر حیوانوں کی خاطر خدا تعالیٰ انسانوں کے تباہ کرنے کی کوئی پرواہ نہیں کرتا اور انہیں ہلاک کر دیتا ہے۔ اُس وقت انسان کی جان بے قیمت اور بے حقیقت ہو جاتی ہے۔
غرض انسان اُسی وقت تک انسان ہے جب تک کہ اس میں انسانیت قائم ہے اور روحانی لحاظ سے انسانیت یہی ہے جس سے اس میں اور حیوانوں میں فرق ہے کہ اس کی روح ترقی کر کے اسے خدا تعالیٰ کا مقرب بنا دے۔ اگر کوئی انسان اس قرب کو حاصل نہ کرے یا اس کے حاصل کرنے کی کوشش نہ کر ے اور اس راہ میں صبر اور استقلال کو کام میں نہ لائے تو وہ انسان نہیں ہے۔ انسان کو حیوان سے جو یہ امتیاز حاصل ہے تو یہ اس پر ایک ایسا انعام ہے جو اس دنیا کی کسی مخلوق کو حاصل نہیں ہے بلکہ جب کوئی انسان اس انعام کو حاصل کر لیتا ہے اور خدا تعالیٰ کے قرب میں پوری پوری ترقی کرنی شروع کر دیتا ہے تو اس کے لئے ایسے درجے کھل جاتے ہیں جو فرشتوں کو بھی حاصل نہیں۔ یہی وجہ ہے کہ شب معراج میںجہاں آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم پہنچے وہاں جبرائیل نہیں جا سکے۔ جبرائیل ہر کارہ تھے اور بھیجنے والا خدا اور جس کو خط بھیجا گیا تھا وہ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم تھے۔ گو جبرائیل کا درجہ دوسرے انسانوں کے مقابلہ میں کتنا ہی بڑا ہو مگر آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کے مقابلہ میں ہر کارے کی حیثیت تھی کیونکہ ان کے ذریعہ خداتعالیٰ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم سے کلام کیا کرتا تھا۔ یہ بھی آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم ہی کی عزت تھی۔ حدیث میں آیا ہے کہ ایک ایک وحی کے ساتھ ہزاروں فرشتے اُتر ا کرتے تھے۔ یہ اسی لئے کہ خدا تعالیٰ اتنے فرشتوں کو ایک کلام کے ساتھ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی طرف بھیج کر بتاتا تھا کہ یہ ہمارا ایسا پیارا ہے کہ اس کے مقابلہ میں جو ہمارے بڑے پیارے ہیں وہ بھی ادنیٰ ہو گئے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ جس شان کا کلام ہوتا اُسی قدر زیادہ فرشتے ساتھ آتے۔ ورنہ فرشتے اِس لئے نہیں آتے تھے کہ کلام کے پہنچانے میں کوئی ڈر تھا اس لئے حفاظت کے لئے ساتھ فرشتے بھیجے جاتے تھے۔ کلام تو یوں بھی محفوظ ہی تھا اور کسی کی کیا طاقت تھی کہ اس میں کچھ دخل دیتا ۔تو انسان بہت قرب اور مدارج حاصل کر سکتا ہے اور اِس قدر حاصل کر سکتا ہے کہ ملائک کے لئے بھی وہ مدراج نہیں ہیں۔
پس جب انسان کیلئے اتنے مدارج ہیں تو ضرور ہے کہ اس کیلئے خطرات بھی اتنے ہی بڑے ہوں کیونکہ بڑے انعام کے ساتھ بڑے ہی خطرات ہوتے ہیں۔ یہ آیات جو میں نے پڑھی ہیں ان میں اِسی طرف خدا تعالیٰ نے اشارہ فرمایا ہے فرمایا خدا کے لئے مومن ہونا اور اس کی فوج میں داخل ہونا اور اس کا مقرب اور پیارا ہونا کوئی ایسی چھوٹی سی چیز نہیں ہے کہ منہ سے کہا اور ہو گیا۔ صرف کے کہنے سے کوئی مومن نہیں ہو جاتا۔ دیکھو دنیاوی گورنمنٹیں جب سپاہیوں کو بھرتی کرتی ہیں توا ن کے ہر ایک عضو کا معائنہ کراتی ہیں۔ آنکھ، کان، ناک، ہاتھ پائوں، قد، چال چلن وغیرہ تک دیکھتی ہیں اور بڑی شرائط کے بعد فوج میں داخل کرتی ہیں۔تو کیا خدا کی فوج میں داخل ہونے کے لئے کسی امتحان کی ضرورت نہیں؟ اور کیا یہ گمان کیا جا سکتا ہے کہ صرف کہہ دینے سے کوئی مومن ہو سکتا ہے؟ ہر گز نہیں بلکہ جس طرح خدا تعالیٰ ہر ایک بات کو جاننے والا ہے اور اس کے قرب کے ذرائع بہت وسیع ہیں حتیٰ کہ ختم ہی نہیں ہوتے اسی طرح اس کا امتحان بھی بہت بڑا ہے اس لئے جو انسان اس بات کے لئے کھڑا ہو کہ میں خدا کا قرب حاصل کروں اور صحیح معنوں میں انسان بنوں وہ یہ مت سمجھے کہ صرف منہ سے اٰمَنَّا کہنے سے وہ اپنے مقصد کو حاصل کر سکے گا بلکہ اس کے لئے بڑی آزمائش میں سے گزرنا ہو گا اور جب وہ اس میں پکا ثابت ہو گا تو اس قابل سمجھا جائے گا کہ خدا کاقرب حاصل کرے ورنہ اس کا زبانی دعویٰ کسی کام کا نہیں ہو گا۔
اِن آیتوں سے پہلے خدا تعالیٰ نے فرمایا ہے ۔ یہ فرما کر خدا تعالیٰ نے انسان کو ڈانٹا ہے کہ دیکھو دھوکاانسان کو دیا جا سکتا ہے اور انسان بسا اوقات دھوکا کھا بھی جاتا ہے کیونکہ وہ ہر ایک چیز کے متعلق علم نہیں رکھتا لیکن خدا چونکہ ہر ایک چیز کا علم رکھتا ہے اس لئے وہ کسی دھوکا دینے والے کا دھوکا نہیں کھا سکتا۔ اس کے سامنے کسی کے دھوکا سے یہ کہہ دینے سے کہ میں ایمان لے آیا وہ مومن نہیں ہو سکتا۔ کیونکہ یعنی اَنَا اللّٰہُ اَعْلَمُ اللہ بہت بڑا جاننے والا ہے۔
دنیا میں بہت سے لوگ ایسے ہوتے ہیں جو کسی سے محبت جتلاتے ہیں، دوستی ظاہر کرتے ہیں اور ذرا ذرا سی بات پر کہہ دیتے ہیں کہ میں آپ کے قربان جائوں ۔اور سننے والا بھی سمجھتا ہے کہ واقعہ میں اس کو مجھ سے بڑا پیار اور محبت ہے اور یہ میرے لئے جان قربان کرنے کے لئے تیار ہے لیکن جب کوئی موقع پیش آتا ہے تو محبت ،پیار اور دوستی کی ساری حقیقت کھل جاتی ہے۔ مگر خد اتعالیٰ نے جو دلوں کا واقف ہے اور انسان کی ہر ایک پوشیدہ سے پوشیدہ بات کو جانتا ہے وہ کہاں فریب کھا سکتا ہے۔ وہ خوب جانتا ہے اور اپنے جاننے کا ثبوت اس طرح دیتا ہے کہ انسان کو فتنہ میں ڈالتا ہے۔ بہت انسان ایسے ہوتے ہیں جو خود بھی نہیں جان سکتے کہ ہماری محبت خدا تعالیٰ سے جھوٹی ہے یا سچی۔ ان پر بھی خدا تعالیٰ فتنہ میں ڈال کر کھول دیتا ہے کہ تم اپنے نفس کے متعلق نہ سمجھتے تھے مگر ہم خوب جانتے تھے اور اب تم کو بھی معلوم کرا دیا ہے۔
کئی دفعہ ایسا ہوتا ہے کہ انسان اپنے نفس کے دھوکا میں آکر اپنے آپ کو بہادر سمجھتا ہے مگر تھوڑے سے خطرہ اور ڈر سے اسے اپنی بُزدلی کا علم ہو جاتا ہے۔ بار ہا ایسا ہوتاہے کہ انسان سمجھتا ہے کہ فلاں سے مجھے بڑی محبت ہے مگر ذرا سی بات سے اُس سے ایسا دور ہو جاتا ہے کہ گویا کبھی تعلق ہی نہ تھا۔ اکثر اوقات ایسا ہوتا ہے کہ انسان اپنے آپ کو بڑا عالم سمجھتا ہے مگر ذرا سی بات پر اس کے علم کی قلعی کھل جاتی ہے۔ تو انسان اپنے نفس کو غلط سمجھتا ہے مگر خداتعالیٰ اس کو خوب جانتا ہے اور اس کے اَنَااللّٰہُ اَعْلَمُ کا ثبوت یہ ہے کہ وہ انسان کے نفس کو فتنہ میں ڈال کر بتا دیتا ہے کہ میں زیادہ جاننے والا ہوں۔
فرمایا کہ ہم نے پہلے لوگوں کو بڑی بڑی آزمائشوں میں ڈالا تھا اور اُن کی بڑی بڑی آزمائشیں کی تھیں۔ پس ضرور ہے ان سے پچھلوں کی بھی اسی طرح آزمائشیں کی جائیں۔ پس ضرور ہے کہ اللہ تعالیٰ مومنوں کو فتنہ میں ڈال کر سچے اورجھوٹے اور صادق اور کاذب کو الگ الگ کر دے۔
غرض انسان کے لئے جس طرح خداتعالیٰ کے قرب کے دروازے کھلے ہیں اور اس کے لئے انسانیت کے قائم رکھنے کے لئے ذرائع موجود ہیں اور اس پر یہ احسان کیا ہے کہ اسے انسان بنا کر باقی تمام مخلوق پر فضیلت بخشی ہے۔ اسی طرح اس کے لئے قربِ الٰہی حاصل کرنے کے لئے بڑی بڑی کوششوں کی بھی ضرورت ہے اور بڑے بڑے کٹھن امتحانوں سے گذرنا پڑتا ہے تب جا کر اسے حقیقی انسانیت کا مقام حاصل ہوتا ہے۔ ورنہ اس سے پہلے وہ شکل تو انسان کی ہوتی ہے مگر درحقیقت وہ حیوان ہوتا ہے۔
اِس زمانہ میں ہم دیکھ رہے ہیں کہ تمدن کو قائم رکھنے کے لئے کس قدر جدوجہد اور کوشش کی جا رہی ہے اور کیسی کیسی قربانیاں کی جاتی ہیں اور وہ لوگ جو دنیاوی رنگ میں انسانیت کے فرق کو نمایاں کر رہے ہیں کس قدر اِس میں کوشاں ہیں۔ آج ہی مجھے اخبار میں ایک خبر پڑھ کر سخت حیرت ہوئی ہے کہ یورپ کی عورتوں کا اتنا حوصلہ ہے کہ ہمارے مردوں کا بھی اتنا نہیں ہے۔ ابھی انگلستان میں بھرتی ہو رہی ہے۔ اس کے متعلق واقعہ ہے کہ ایک بڑھیا کے پاس بھرتی کرنے والا گیا اور اسے کہا کہ تمہارا کوئی لڑکا بھرتی ہوا ہے یا نہیں؟ اس نے کہا میرے ۹ لڑکے ہیں جن میں سے اِس وقت تک آٹھ بھرتی ہو چکے ہیں ان میں سے چار لڑائی میں مارے گئے ہیں۔ دو زخمی پڑے ہیں اور دو لڑائی پر ہیں۔ اب ایک باقی ہے اگر اس کی بھی بادشاہ کو ضرورت ہے تو حاضر ہے بھرتی کر لو میری طرف سے کوئی عذر نہیں ہے۔ دیکھو کیا ہمت اور حوصلہ ہے تو یہ قومیں تمدن قائم رکھنے کے لئے نسل، مال، دوست اور مدد سب کچھ قربان کرنے کے لئے تیار ہیں۔ یہ اس مقابلہ کا حال ہے جو انسانوں کا حیوانوں کے مقابلہ میں جسمانی طور پر کہلاتا ہے۔
لیکن بتلاؤ کہ حیوانوں کے مقابلہ میں جو روحانی فرق ہے اس کو قائم رکھنے کے لئے کس قدر کوشش اور محنت کی ضرورت ہے۔ روحانی مقابلہ یعنی مذہب کے سامنے اس جسمانی مقابلہ یعنی تمدن کی حیثیت ہی کیا ہے اور یہ چیز ہی کیا ہے اِس کا اثر تو زیادہ سے زیادہ انسان کی بڑی سے بڑی سَو سَوا سَو سال تک کی زندگی سے ہے۔ مگر مذہب کا اثر نہ صرف اس زندگی کے ساتھ ہے بلکہ اس زندگی کے ساتھ بھی ہے جو اَبدالآباد تک کی ہے۔ پھر تمدن کے لئے جو کوشاں ہے وہ اگر اس جدوجہد میں مر جائے تو اس کے لئے کوئی انعام اور فائدہ نہیں مگر جو خداتعالیٰ کے قرب کے حاصل کرنے اور صداقت اور راستی کے پھیلانے کے لئے اپنی جان قربان کر دے اس کا انعام کبھی ضائع نہیں ہوتا۔ ملک اور قوم کی حفاظت کرتے ہوئے جو مارا جاتا ہے اس کی ذاتِ خاص کو اس سے کچھ فائدہ نہیں پہنچتا۔ اگر اُس کا تمام ملک تباہ ہو جائے تو اسے کوئی نقصان نہیں اور اگر بچ جائے تو اسے کوئی نفع نہیں۔ مگر مذہب کے لئے جو کوئی اپنی جان اور مال قربان کرتا ہے اگر وہ مر جاتا ہے یا مارا جاتا ہے تو اس کا انعام بجائے بند اور ضائع ہونے کے اور بڑھ جاتا ہے کیونکہ تمدن کے لئے جانیں قربان کرنے والوں کو انعام دینے والے انسان ہیں جن کی طاقت اور قدرت موت سے ورے ورے انعام دے سکتی ہے۔ مگر وہ جو مذہب کے لئے قربان ہوتے ہیں اُن کا انعام دینے والا خدا ہے جس کا دست تصرف اِس دنیا میں بھی ہے اور موت کے بعد آگے بھی۔ اِس لئے وہ موت کے بعد بھی انعام و اکرام دیتا ہے۔
ہماری جماعت کے لئے اِس زمانہ میں وہ مشکلات نہیں ہیں جو پہلے زمانہ میں اور قوموں کے لئے تھیں۔ گو میں سمجھتا ہوں کہ مشکلات کسی نہ کسی رنگ میں ہیں لیکن پہلے جیسی مشکلات ابھی نہیں ہیں لیکن تعجب نہیں کہ وہی مشکلات ہماری قوم کو بھی آ جائیںجو پہلی قوموں کو پیش آتی رہی ہیں کیونکہ کوئی قوم اُس وقت تک ترقی نہیں کر سکتی جب تک کہ اُسے اتنی ہی قربانیاں نہ کرنی پڑیں مگرجتنی پہلی قوموں کو کرنی پڑی تھیں۔ پس ہماری ترقی کے لئے ضرور ی ہے کہ ابتلاء آئیں اور ایسے ایسے ابتلاء آئیں جن میں جان ، مال ، اولاد، وطن وغیرہ چھوڑنے پڑیں۔ اِس میں شک نہیں کہ ہمارے لئے خدا کے فضل سے بڑی آسانیاں ہیں۔ کیونکہ ہندوستان میں ایک ایسی گورنمنٹ قائم ہے جس کی وجہ سے ہر طرح کا امن و امان ہے۔ مگر مسیح موعود صرف ہندوستان کے لئے نہیں آئے تھے بلکہ تمام دنیا کے لیے آئے تھے اور ہماری جماعت صرف ہندوستان میں ہی نہیںہے بلکہ افغانستان اور دیگر ممالک میں بھی ہے۔ افغانستان میں ہماری جماعت کے لئے وہ آسانیاں نہیں ہیں جو ہمیں یہاں میسر ہیں بلکہ اُن کے لئے بہت مشکلات ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ وہاں ہمارے دو آدمی شہید ہو گئے ہیں مگر تم کوئی قوم ایسی نہ دیکھو کہ کہ وہ ایک غالب قوم بنی ہو اور اُس کے صرف دو ہی آدمی شہید ہوئے ہوں۔
قوم اِس طرح بنا کرتی ہے کہ ایک کے بعد دوسرا، دوسرے کے بعد تیسرا ،تیسرے کے بعد چوتھا ،اور اِسی طرح سینکڑوں اور ہزاروں قربان ہوتے ہیں اور جب ایک حصۂ قوم پر مشکل اور مصیبت آتی ہے تو دوسرا حصہ اُس کا ہاتھ بٹا تاہے۔ ایک حصہ اپنی جانیں قربان کرتا ہے تو دوسرا حصہ مال قربان کرتا ہے۔ صحابہ کرام کو دیکھو مہاجرین نے اپنے ملک چھوڑے، جائیدادیں چھوڑیں، وطن سے بے وطن ہوئے تو انصار نے اپنی جائیدادیں اور مال اُنہیں بانٹ دئیے۔۲؎ غرض اگر قوم کے ایک حصہ کو ایک رنگ میں قربانی کرنی پڑتی ہے تو دوسرے کو دوسرے رنگ میں۔اور ایک حصہ پر ایک رنگ میں ابتلاء آتا ہے تو دوسرے حصہ پر دوسرے رنگ میں۔
میرا منشاء یہ ہے کہ ہماری جماعت کو ہر وقت ہر ایک قسم کی قربانی کرنے کے لئے تیار رہنا چاہئے۔ یہ اور بات ہے کہ خدا تعالیٰ ہماری جماعت پر کسی اَور رنگ میں ابتلاء لے آئے۔ یا اپنے فضل سے ایسے ابتلاء لائے جو سخت نہ ہوں۔ مگر انسان کا کام یہی ہے کہ وہ ہر وقت اس بات کے لئے تیار رہے کہ اگر مجھے کسی وقت وطن، مال، اولاد اور جان قربان کرنا پڑے تو کر دوں گا۔ دیکھو جو سپاہی جنگ میں جاتے ہیں وہ سارے کے سارے مارے نہیں جاتے۔ مگر پھر بھی کوئی سپاہی ایسا نہیں ہوتا جو نہ سمجھے کہ جنگ پر میرے لئے موت ضروری ہے اور میں مرنے کے لئے جا رہاہوں نہ کہ زندہ واپس آنے کے لئے۔ اور جب تک ہر ایک سپاہی کو یہ خیال نہ ہو اُس وقت تک وہ کوئی عزت، کوئی انعام اور کوئی رتبہ حاصل نہیں کر سکتا۔ لڑائی پر وہی لوگ جاتے ہیں جو موت کو حقارت کی نظر سے دیکھتے ہیں اور سمجھتے ہیں کہ ہم سر پر کفن باندھ کر جار ہے ہیں۔ پھر بہت سے ایسے ہوتے ہیں جو لڑائی پر جاتے ہیں مگر زندہ واپس آجاتے ہیں۔لکھا ہے کہ خالدبن ولید جب فوت ہونے لگے تو آپ کے دوست آپ کو دیکھنے کے لئے آئے ۔اس نے دیکھا کہ آپ رو رہے ہیں پوچھا کیوں روتے ہیں؟ کہا مجھے شہادت کی بڑی خواہش تھی لیکن افسوس کہ حاصل نہ ہوئی اور بہت سے لوگوں میںکوئی ایک لڑائی میں شریک ہوا تو شہید ہو گیا۔ کوئی دوسری میں شریک ہوا تو شہید ہو گیا اور کوئی تیسری میں شہید ہو گیا مگر میں اِس قدر لڑائیوں میں شریک ہوا کہ میرے سر سے لے کر پائوں تک زخم لگے مگر آج میں بستر پر پڑا جان دے رہا ہوں، مجھے میدانِ جنگ میں موت نصیب نہ ہوئی۔۳؎ یہ ان کا اخلاص تھا کہ اس طرح کی موت کو وہ پسند کرتے تھے ورنہ میرے نزدیک وہ کئی شہادتیں پا چکے تھے۔ تولڑائی پر جانے والا بھی زندہ واپس آسکتا ہے۔ مگر جانتے ہو خالد ،خالد کیوں بنا؟ اِس کی شہادت اُن کی وفات کے وقت کی گفتگو دے رہی ہے کہ وہ ہر جنگ میں اِس نیت اور اِس ارادہ سے شامل ہوئے کہ مرنے کے لئے جا رہا ہوں نہ کہ زندہ واپس آنے کے لئے۔ اُن کی عزت ، رتبہ، درجہ اور قبولیت اِسی واسطے تھی کہ ہر ایک لڑائی کے وقت اُنہوں نے یہی سمجھا کہ میری جان دراصل میری نہیں ہے اور میں جان دینے چلا ہوں نہ کہ اسے واپس لانے کے لئے اور یہ میرے لئے پاس بطور امانت تھی جسے سپرد کرنے جا رہا ہوں۔ یہ بات اور تھی کہ اُنہو ں نے خدا کو اپنی جان ہر بار ہی دی اور خدا نے انہیں واپس دے دی لیکن اِس میں کوئی شک و شبہ نہیں کہ اُنہو ںنے اپنی طرف سے جان دینے میں کوئی کمی نہ کی اور ہر بار ہی ہتھیلی پر رکھ کر دینے کے لئے نکلے۔
تم لوگ یہ بات خوب یاد رکھو کہ بڑے انعاموں کے لئے قربانیاں بھی بڑی ہی کرنی پڑتی ہیں اور یہ قربانیاں صرف مال سے ہی نہیں ہوتیں بلکہ اور بھی بہت طرح سے ہوتی ہیں۔ اب تو ایسا ہوتا ہے کہ جو شخص چندہ دیتا ہے وہ یہ سمجھ لیتا ہے کہ میں نے اپنی طرف سے کافی قربانی کر دی ہے لیکن بڑے بڑے انعام اس طرح نہیں ملا کرتے۔ وہ قومیں جنہوں نے بڑے انعامات حاصل کئے ہیں اُنہوں نے اپنا سب کچھ۔ کیا مال ،کیا جان، اور کیا اولاد، کیا وطن، کیا جائیدادیں، قربان کیا ہے۔ اِس وقت اگر ایسی ضرورت نہیں کہ اِس طرح کی قربانیاں کی جائیں تو ہر ایک یہ نیت تو کر لے کہ اگر کبھی ضرورت پڑی تو میری عزت، میرا وطن، میرا مال، میری اولاد، میرا علم اور میری جان غرضیکہ کسی چیز کو خدا کی راہ میں قربان کرنے سے میں دریغ نہ کرو ں گا اور جو کچھ بھی ہوگا سب کچھ خدا کے لیے قربان کرنا پڑے گا تو کر دوں گا اور جب مومن ایسی نیت کر لے تو خدا تعالیٰ اُس کو توفیق بھی دے گا۔ اِس وقت ہم میں سے بعض ایسے ہیں کہ جن کو کوئی چھوٹا سا ابتلاء آتا ہے تو گھبرا جاتے ہیں۔ بعض لکھتے ہیں کہ میری تجارت بند ہو گئی اس سے سخت ابتلاء ہے بعض لکھتے ہیں کہ احمدی ہونے کی وجہ سے لڑکی نہیں ملتی جس سے بہت بڑا ابتلاء ہے وغیرہ وغیرہ۔ میں کہتا ہوں بھلا یہ باتیں چیز ہی کیا ہیں اُن کے مقابلہ میں جو پہلو کو پیش آئیں اور ان کے مقابلہ یہ حیثیت ہی کیا رکھتی ہیں۔
پس تم یہ مت سمجھو کہ تمہارے لئے اسی قسم کے ابتلاء ہیں بلکہ میں تو دیکھتا ہو ں حضرت مسیح موعودؑ نے لکھا ہے کہ ابتلاء پر ابتلاء آئیں گے بہت ہیں جو مرتد ہو جائیں گے اور بہت ہیں جو مرتد ہونے کے قریب ہو جائیں گے۔ آپ کے الفاظ سے تو معلوم ہوتا ہے کہ ہمارے لئے ابتلائوں کا ابھی خاتمہ نہیں ہوا بلکہ اور بڑے ابتلاء ہیں جن میں جماعت کو ہر قسم کی قربانیاں کرنی پڑیں گی پھر جا کر انعام حاصل ہوں گے لیکن موجودہ صورت میں تم اُدھر اس عورت کے حوصلہ پر غور کرو جس کا پہلے میں نے ذکر کیا اور اِدھر اپنی طرف دیکھو کہ اگر کسی کو تبلیغ کے لئے کہیں باہر بھیجنے کا منشاء ہو تو اُس کی ماں، بیوی اور رشتہ دار شور مچا دیتے ہیں کہ اِتنی دُور نہ بھیجا جائے ہمارے لئے یہ مشکل ہے، یہ تکلیف ہے۔ چنانچہ ایک شخص کو ہم نے کہیں بھیجنے کا ارادہ کیا تو اس کے رشتہ داروں نے کہنا شروع کر دیا کہ اِسے باہر نہ بھیجو اِس کے علاوہ جو آپ کی مرضی ہے کرو۔ دیکھو اُدھر تو ایک عورت اپنے ملک کے لئے آٹھ بیٹے دے چکی ہے اور نویں کے لئے کہتی ہے کہ اس کو بھی لے لو لیکن اِدھر دین کے لئے اتنی کمزوری دکھائی جاتی ہے ۔ یاد رکھو اور اِس بات کو خوب یاد رکھو کہ بڑی کامیابیوں اور بڑی فتوحات کے لئے بڑی ہی قربانیوں کی ضرورت ہوتی ہے اور ہمارے تو اتنے دشمن ہیں کہ ان کے مقابلہ میں ہم ایک قطرہ بھی نہیں ہیں پھر بتائو کہ ہمیں کتنی بڑی قربانیوں کی ضرورت ہے اور ہمیں کتنی ہمت اور کیسی کوشش سے کام لینا چاہئے۔
پس جب تک ہر ایک احمدی یہ نہ سمجھ لے کہ میرے ہی ذمہ سب کام ہیں اُس وقت کامیابی نہیں ہو سکتی۔ ہماری جماعت کو بہت بڑی قربانیوں کی ضرورت ہے اور اس کے لئے جماعت کو تیار رہنا چاہئے۔ اب وہ زمانہ آگیا ہے جبکہ ہمارے تعلقات دُور دراز ملکوں کے لوگوں سے بڑھنے شروع ہو گئے ہیں۔ ہم تو خد اکے فضل سے ہر طرح کے امن میں ہیں مگر ممکن ہے کہ ہمارے اَور ملکوں کے بھائی امن میں نہ رہیں اورممکن ہے کہ ان کے ابتلاء میں ہمیں بھی حصہ لینا پڑے۔( مثلاً وہ وہاں سے ہجرت کر کے یہاں آئیں تو ہم ان کو اپنے اموال میں شریک کریں یا وہاں ان کی آزادیٔ مذہب کے لئے بذریعہ اپنی محسن گورنمنٹ کے چارہ جوئی کریں) اس کے لئے جماعت کو تیار رہنا چاہئے اور ہر ایک کو اپنے دل میں یہ نیت کر لینی چاہئے کہ خد اکے حضور میری جو قربانی بھی مقدر ہے اُس کے لئے میں تیار رہوں۔پھر ساتھ ہی ایسے ابتلائوں میں ثابت قدم رہنے کے لئے خدا تعالیٰ سے دعا بھی مانگنی چاہئے۔ حضرت مسیح موعودؑ فرماتے ہیں کہ انسان پر بعض ابتلاء ایسے رنگ میں آتے ہیں کہ اگر انسان ان کے لئے یہ دعا کرے کہ یہ مجھ سے ٹل جائیں تو خدا تعالیٰ ایسے انسان کو اپنے سے بہت دور پھینک دیتا ہے۔ کیونکہ وہ کہتا ہے کہ تم اس سے گھبراتے ہو اور ثابت قدم نہیں رہ کر دکھاتے اس لئے مجھ سے دور ہو جائو تو یاد رکھو کہ ایسے ابتلائوں کے لئے یہ دعا نہیں کرنی چاہئے کہ ہم سے ٹل جائیں بلکہ مومن کو چاہئے کہ ایسی دعائوں میں لگا رہے کہ اے خدا! اگر کوئی ایسے ابتلاء مجھ پر آنے والے جو میری طاقت اور ہمت سے بڑھ کر ہوں تو مجھے توفیق دیجئے کہ میں ان میں ثابت قدم رہوں اور ان میں پورا اُتروں۔ جب تک کسی انسان میں ایسا ایمان نہیں ہوتا اُس وقت تک وہ انسان ہی نہیں ہے اور بندر، سؤر اور کتے سے بھی بدتر ہے۔
یہ تو ایک بات تھی جو میں نے بیان کر دی ہے اِس کے علاوہ ایک اور بات ہے اور وہ یہ کہ قاضی عبداللہ صاحب کا ولایت سے خط آیا ہے کہ میرا پہلا لیکچر ہوا جو بہت مقبول ہو اہے۔ مجھے تو اس بات پر تعجب ہی تھا کہ قاضی صاحب ولایت جا کر کریں گے کیا کیونکہ انہوں نے یہاں کبھی کوئی لیکچر نہ دیا تھا اور نہ کبھی کسی مضمون پر بولے تھے اُنہیں بہت حجاب تھا۔ چوہدری فتح محمد صاحب کی امداد کے لئے پہلے تو اور کئی تجویزیں دل میں آئیں مگر پھر یکلخت میرے دل میں یہ پڑا کہ قاضی صاحب کو بھیج دوں۔ میرے ان کو بھیجنے کے سوائے اِس کے اور کوئی وجہ نہ تھی کہ اِنہوں نے یہاں تعلیم پائی تھی، حضرت مسیح موعودؑ کی صحبت میں رہے تھے میں نے خیال کیا کہ خدا تعالیٰ ایسے انسان میں خود برکت ڈال دے گا۔ چنانچہ آج ہی ان کا خط آیا ہے کہ ایک کامیاب لیکچر ہوا ہے اور لیکچر کے بعد ایک گھنٹہ تک سوال و جواب ہوتے رہے ہیں جن کا بہت عمدہ اثر ہوا اور لیکچر بہت پسند کیا گیا۔ چوہدری فتح محمد صاحب وہاں سے چل پڑے ہیں آپ لوگ ان کے لئے دعا کریں کہ خدا تعالیٰ انہیں بخیریت یہاں پہنچائے۔ آج ولایت سے دو اَور آدمیوں نے بیعت کے فارم پُر کر کے بھیجے ہیں اور اب وہاں بارہ احمدی ہو گئے ہیں۔ غیر احمدی اس بات سے چڑا کرتے ہیں کہ تم لوگ مرزا صاحب کو حضرت مسیح سے افضل کیوں کہتے ہو؟ لیکن ہم کہتے ہیں حضرت مسیح نے تین سال کے عرصہ میں صرف تیرہ حواری تیار کئے تھے جن میں سے ایک مرتد ہو گیا تھا۔ مگر اب دیکھو کہ حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے ایک شاگرد نے اِس سے نصف عرصہ میں یعنی ڈیڑھ سال میں بارہ احمدی بنا لئے ہیں کیا اب بھی کسی کو مسیح موعودؑ کا مسیح سے افضل ہونا معلوم نہیں ہوتا؟
اخیر میں میَں پھر اس بات کی طرف توجہ دلاتا ہوں کہ گو ہم نے تبلیغ کے لئے باہر مبلغ بھیجے ہوئے ہیں لیکن یہ انتظام ایک بہت چھوٹے پیمانہ پر ہے اصل تبلیغ وہی ہے جو ہر ایک احمدی کرتا ہے اور جو سمندر کی لہروں کی طرح ایک سرے سے دوسرے سرے تک پھیلتی جاتی ہے۔ پس ہر ایک شخص خواہ باتوں سے ،خواہ کتابوں اور اشتہاروں سے جس طرح بھی ہو سکے تبلیغ کرے۔ اور جب قوم کا ہر ایک فرد مبلغ ہو اُس وقت کامیابیاں ہوتی ہیں۔ اِس لئے اِس بات کی بہت بڑی ضرورت ہے کہ ہر ایک شخص سمجھے کہ تبلیغ کا سارا بوجھ اُسی کے سر پر ہے اور اس کے سِوا اور کوئی نہیں ہے جس نے یہ کام کرنا ہے۔ پھر وہ ہر ایک قربانی کے لئے تیار رہے۔ جب قوم کی ایسی حالت ہو جائے گی تو خدا تعالیٰ سے انعام پر انعام ملنے شروع ہو جائیں گے اور خدا تعالیٰ کی طرف سے ملنے والے انعام بہت عجیب چیز ہوتے ہیں۔ا ن کے ملنے سے پہلے انسان ان کو سمجھ ہی نہیں سکتا۔ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم فرماتے ہیں لَاعَیْنٌ رَأَتْ وَلَا اُذُنٌ سَمِعَتْ وَلَا خَطَرَ عَلٰی قَلْبِ بَشَرٍ۴؎ کہ خدا تعالیٰ کے انعام ایسے ہیں جو نہ کسی نے دیکھے اور نہ سنے اور نہ کسی کے دل میں ان کے متعلق خیال آیا۔
اِسی طرح خدا تعالیٰ نے قرآن شریف میں فرمایا ہے ۵؎ کہ انسان کو اس چیز کا پتہ ہی نہیں جسے خدا نے اُس کی آنکھوں کی ٹھنڈک تیار کیا ہے۔ اس کو اس کا علم ہی نہیں لیکن افسوس کہ خد اتعالیٰ کے انعاموں کے حاصل کرنے کی بہت کم کوشش کرتے ہیں۔خدا تعالیٰ اپنے فضل اور رحم کے ماتحت آپ سب لوگوں کو کامل ایمان کے درجہ پر پہنچائے تا تم خدا کے مقابلہ میں کسی چیز کی پرواہ نہ کرو۔ ‘‘ (الفضل ۲۲؍ فروری ۱۹۱۶ئ)
۱؎ العنکبوت: ۲ تا۴
۲؎ بخاری باب فضائل اصحاب النبی صلی اللّٰہ علیہ وسلم+ مسلم کتاب الجھاد باب ردّ المھاجرین الی الانصار
۳؎ الاستیعاب فی معرفۃ الاصحاب جلد۲ صفحہ۱۴ مطبوعہ بیروت ۱۹۹۵ء
۴؎ بخاری کتاب التفسیر تفسیر سورۃ السجدۃ۔ باب قولہ تعالیٰ فلا تعلم نفس (الخ)
۵؎ السجدۃ: ۱۸
۶
ہر ایک بات میں حضرت مسیح موعودؑ کو حَکَم مانو
(فرمودہ ۲۵؍ فروری ۱۹۱۶ئ)
تشہد، تعوذ اورسورۃ فاتحہ کے بعد حضور نے مندرجہ ذیل آیت کی تلاوت کی۔
۱؎
’’ہر ایک دانا انسان جب کوئی کام کرنے لگتا ہے تو پہلے اس کام کے کئی ایک پہلوئوں پر غور کر لیتا ہے۔ یعنی اس کے نتیجہ اور انجام کو دیکھتا ہے۔ پھر اس کی خوبی اور عمدگی کو دیکھتا ہے ۔پھر ان ذرائع پر غور کرتا ہے جن کی وجہ سے وہ اس کام کے پورا کرنے میں کامیاب ہوتا ہے لیکن جو لوگ ان باتوں کو سوچے سمجھے بغیر کوئی کام کرنا شروع کر دیتے ہیں وہ اکثر درمیان میں ہی ٹھوکر کھا کے رہ جاتے ہیں کیونکہ جب تک کوئی مقصد مقرر نہ ہو، مقصود کے حاصل کرنے کے ذرائع مقرر اورمعین نہ ہوں اِس کے فوائد اور نتائج دل میں مستحضر نہ ہوں تب تک انسان کبھی بھی اطمینان اور تسلی سے کوئی کام نہیں کر سکتا ۔اور اگر کرے گا تو اس کا حال ایک اندھے کی طرح کا ہو گاجو اِدھر اُدھر ٹھوکریں کھاتا ہے اور دھکّا لگنے سے کبھی اِدھر لڑھک جاتا ہے اور کبھی اُدھر۔ پس ہر ایک شخص جو یہ چاہتا ہے کہ اپنے مقصد میں کامیاب ہو اور اپنے مدعا کو حاصل کرلے اُس کے لئے ضروری ہے کہ اپنی کوشش اور محنت کے شروع کرنے سے پہلے یہ دیکھ لے کہ اس مدعا کے حاصل کرنے سے مجھے کیا فائدہ ہو گا اور میرے لئے کیا نتیجہ مرتب ہو گا ۔پھر ساتھ ہی اس کے حصول کے ذرائع کو معلوم کرے کہ وہ کیا ہیں اور ان کو جمع کرے۔ اگر کوئی ان باتوں پر غور کر کے پھر اپنی محنت اور کوشش کا آغاز کر ے اور اس پر استقلال دکھائے تو وہ ضرور کامیاب ہو جاتا ہے۔
ہزاروں نہیں، لاکھوں نہیں بلکہ کروڑوں انسان ایسے ہیں کہ عبادتیں کرتے ہیں ،محنتیں، مصیبتیں برداشت کرتے ہیں، دکھ اور تکلیفیں جھیلتے ہیں لیکن یہ نہیں جانتے کہ ہم کیوں عبادتیں کرتے ہیں ان سے کیا مقصد اور مدعا ہے ان کاکیا نتیجہ نکلنا چاہئے۔ یہ لوگ تو اتنا بھی نہیں جانتے کہ ہمیں عبادت کس طرح کرنی چاہئے۔ جس کانتیجہ یہ نکلتا ہے کہ ایسے لوگ شروع سے غلطی میں پڑتے ہیں اور اس غلطی پر مر جاتے ہیں لیکن انہیں پتہ ہی نہیں لگتا کہ ہم غلطی کر رہے ہیں۔ کیوں؟ اس لئے کہ انہیں اپنی عبادت اور ریاضت کے نتیجہ کا علم اور پتہ ہی نہیں ہو تا اور وہ نہیں جانتے کہ ہمیں کیا ملنا چاہئے اور ہم کس چیز کے لئے کوشش کر رہے ہیں اس لئے اگر ان کو عبادت اور بندگی سے کوئی نتیجہ نہیں حاصل ہوتا تو وہ گھبراتے نہیں اور نہ ہی اپنے دل میں فکر اور تردد محسوس کرتے ہیں۔ا گر انہیں خدا کا قُرب حاصل نہیں ہوتا ،اس کی مدد اور نصرت نہیں ملتی،اس کی طرف سے تسلی تشفّی نہیں ہوتی تو ان کے دل میں کرب اور تکلیف نہیں پیدا ہوتی۔ کیوں؟ اس لئے کہ اُنہوں نے کبھی اس بات پر غور ہی نہیں کیا کہ سچی عبادت کا کیا نتیجہ ہوتا ہے اور اس سے کس طرح تسلی اور تشفّی حاصل ہوتی ہے اور کس طرح اس کی مدد اور نصرت ملتی ہے۔ چونکہ اس بات کو انہوں نے سمجھا ہی نہیں ہوتا اس لئے ساری عمر عبادت کرتے کرتے مر جاتے ہیں لیکن انہیں یہ سمجھ نہیں آتا کہ ہم غلط عبادت کر رہے ہیں۔ دیکھو ایک شخص ہندوئوں میں پیدا ہوتا ہے ساری عمر عبادت میں گزار دیتا ہے، بیسیوں بُری خواہشوں کو دباتا ہے اور بیسوں بُرے ارادوں سے باز رہتا ہے، قسم قسم کے جذبات کو قابو میں رکھ کر تپسیا۲؎ کرتا ہے اوراسی حالت میں مرجاتا ہے لیکن اسے کبھی یہ خیال پیدا نہیں ہوتا کہ جو کوشش اور محنت میں کر رہاہوں یہ ٹھیک اور درست نہیں ہے اس لئے مجھے کوئی اور طریق اختیار کرنا چاہئے۔ اور اسے کیونکر یہ خیال پیدا ہوسکتا ہے جبکہ وہ جانتا ہی نہیں کہ مجھے اس عبادت کے نتیجہ میں کیا حاصل ہونا ہے اوروہ کیا مقصد اور مدعا ہے جس کے حصول کے لئے میں یہ کوشش کر رہا ہوں۔
اگر دنیا میں لوگ اپنے مدعا اور مقصد کو سمجھ کر عبادت کریں تو ایک انقلاب آجائے اور کروڑوں انسان مذاہب کی تحقیقات پر لگ جائیں۔ موجودہ صورت میں جو ضد، ہٹ اور اختلاف اور اصرار ہے اس لئے ہے کہ لوگوں نے مذہب کی غرض، عبادت کے ذرائع اور اس کے فوائد پر غور نہیں کیا۔ جس طرح ماں باپ کو کرتے دیکھا اُسی طرح کرنے لگ گئے جس کا نتیجہ یہ ہوا کہ انہیں اپنے اپنے مذہب کی تحقیق اور تنقید کی طرف توجہ نہ رہی لیکن جب کسی کے پیش نظر عبادت کا مقصد اور اس کے ذرائع کا حاصل کرنا ہو گا تو وہ ضرور مذاہب کی تحقیق کی کوشش اور سعی کر ے گا۔
مثلاً ایک شخص نیت کرتا ہے کہ میں بٹالہ جائوں گا۔ اب فرض کرو کہ وہ یہاں سے مشرق کی طرف چل پڑا اور سری گو بند پور پہنچ گیا۔ وہاں جا کر جب وہ پوچھے گا کہ اس شہر کا کیا نام ہے؟ تو اسے معلوم ہو جائے گا کہ یہ تو سری گو بند پور ہے اور مجھے بٹالہ جانا ہے مجھے اس طرف نہیں آنا چاہئے تھا۔ پھر وہ اور طرف چلے گا اور اگر اسے دس گیارہ میل چل کر کوئی شہر دکھائی نہ دے گا تو اُسے معلوم ہو جائے گا کہ میں غلط راستہ پر چل رہا ہوں کیونکہ قادیان سے بٹالہ اتنی ہی دور ہے لیکن اب تک نہیں آیا اس لئے پتہ لگا کہ میں کسی اور راستہ پر پڑ گیا ہوں۔ اب پھر وہ اور طرف چلے گا اور خواہ اسے کتنے ہی چکر کاٹنے پڑیں گے تا ہم وہ بٹالہ پہنچ جائے گا کیونکہ اس کا ارادہ یہ ہے کہ بٹالہ پہنچے۔ لیکن جس کی کوئی نیت اور ارادہ ہی نہ ہو کہ مجھے کہاں پہنچنا ہے اُس کی مثال اِسی طرح کی ہے کہ ایک انسان گھر سے نکل کر اندھا دھند جدھر منہ کیا اُدھر ہی چل پڑا۔ یہ اگر پچاس سَو میل بھی چلتا جائے تو بھی اسے کبھی یہ خیال پیدا نہیں ہوگا کہ میں غلط راستہ پر چل رہا ہوں۔ا گر وہ جنگلوں اور وحشی جانوروں کی طرف جا رہا ہے تو اسے خیال نہیں اور اگر شہروں اور باغوں کی طرف جا رہا ہے تواسے توجہ نہیں ۔کیوں؟ اِس لئے کہ اس نے یہ سمجھا ہی نہیں کہ میں کہاں جا رہا ہوں اور کیوں جا رہا ہوں اور مجھے کس طرف جانا چاہئے ۔لیکن جب انسان اس بات پر غور کرے کہ میرا کیا مدعا ،کیا مقصد اور کیا غرض ہے اور اس کے حاصل کرنے کیلئے کیا ذرائع اور کیا سامان ہیں تو وہ اگر غلطی بھی کرے تو جلدی متنبہ ہو جاتا ہے اور اصلاح کی طرف لوٹ آتا ہے۔
میں نے جو یہ آیت پڑھی ہے اِس میں خدا تعالیٰ نے اپنے قرب کے حاصل ہونے اور اپنے پاس کسی بندہ کے درجہ حاصل کرنے کا ذریعہ بتا یا ہے۔ فرمایا۔لوگ اِس بات کی بہت خواہش کرتے ہیں کہ خدا کا قرب حاصل ہو جائے، ایمان نصیب ہو جائے (ایمان ان عقائد کا نام ہے جن کے تسلیم کرنے سے انسان خدا تعالیٰ کی حفاظت میں آجاتا ہے اور ہر قسم کے دکھ اور تکالیف سے بچ جاتا ہے) ایسے لوگوں کو بتائو۔ ۔ پس تیرے رب کی قسم! یہ ایمان کو اُس وقت تک نہیں پا سکیں گے یہاں تک کہ جتنے اختلافات ان کے اندر پیدا ہوتے ہیں ان کو تیری طرف نہ لوٹائیں۔ پھرجو تیرا فیصلہ ہو اُس کے قبول کرنے میں ان کے دل تنگی محسوس نہ کریں۔ بہت لوگ ایسے ہوتے ہیں جو فیصلہ کو قبول تو کر لیتے ہیں مگران کے دل اس پر راضی نہیں ہوتے۔ مثلاً ایک عدالت فیصلہ کرتی ہے کہ فلاں باغ یا فلاں مکان یا اتنا روپیہ فلاں کو دیا جائے۔ اب دینے والے کو یہ بُرا تولگتا ہے اورنہیں چاہتا کہ دیوے ۔اور لینے والا سمجھتا ہے کہ مجھے کم دلایا گیا ہے جتنا میرا حق تھا اتنا نہیں ملا۔ لیکن وہ فیصلہ دونوں کو ماننا پڑتا ہے اور گورنمنٹ ان کے اس طرح عمل کرنے سے خوش ہو جاتی ہے اور یہ نہیں کہتی کہ تم اس فیصلہ کے نفاذ سے دل میں کیوں بُرا مناتے ہو۔ اس لئے اگر کوئی دل میں ناراض اور ناخو ش ہو تو گورنمنٹ اُس پر کسی قسم کا اعتراض نہیں کرتی لیکن خدا تعالیٰ فرماتا ہے کہ ہم نے جو حَکَمْ بنا کر بھیجا ہے اس کی وہ عزت اور وہ شان ہے کہ اگر اس کے فیصلہ کو تم مان تو لو مگر دل میں بُرا سمجھو گے تو ہم تمہیں اپنا قرب نہیں دیں گے اور تم ایمان حاصل نہیں کر سکو گے۔ اس کے فیصلہ کو تو تمہیں اس طرح ماننا چاہئے کہ تمہارے دل بھی غمگین نہ ہوں اور ذرا بھی تنگی محسوس نہ کریں۔ تم یہ یقین کر لو کہ اس نے جو فیصلہ کیا ہے وہی حق اور درست ہے اور اِسی طرح ہونا چاہئے تھا اور یہ بات نہ صرف تمہارے مونہوں سے نکلے بلکہ تمہارے دل میں بھی یہی بات ہو۔ کئی لوگ ایسے ہوتے ہیں جو منہ سے تو کہتے ہیں کہ یہ بات درست ہے مگر ان کے دل نہیں مانتے اس لئے اس پر عمل نہیں کرتے۔ اسی بات کے دور کرنے کے لئے خدا تعالیٰ نے یہاں دو باتیں بیان فرمائی ہیں ایک یہ کہ اس کے کسی فیصلہ سے تمہارے دلوں میں تنگی محسوس نہ ہو اور دوسرے یہ کہ تم اس کی فرمانبرداری بھی کر کے دکھلائو۔
یہ وہ ذریعہ ہے جو خداکے قرب کو حاصل کرنے کے لئے خدا تعالیٰ نے آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی معرفت فرمایا اور یہ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ ہی خاص نہیں ہے بلکہ جو بھی خدا کا نبی ہے اِسی سے تعلق رکھتا ہے اور جو نبی آتا ہے اس کا فیصلہ اسی کے مطابق ان لوگوں کو ماننا ضروری ہے جو اس کو قبول کرتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ حضرت مسیح موعودؑ نے کئی جگہ لکھا ہے کہ جو میری بیعت کرتا ہے اور مجھے سچا سمجھتا ہے اُس کے لئے ضروری ہے کہ میرے فیصلوں اور حکموں کو بھی مانے ورنہ وہ میری بیعت میں داخل نہیں ہے۔ پس یہ آیت آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم سے ہی خاص نہیں ہے بلکہ ہر ایک رسول سے متعلق ہے اللہ تعالیٰ قرآن شریف میں فرماتا ہے۔ ۳؎ کہ کوئی رسول نہیں بھیجا جاتا مگر اس لئے کہ اُس زمانہ کے لوگ اس کی اطاعت کریں اور اگر کوئی اس کی اطاعت نہیں کرتے تو وہ مومن نہیں ہیں۔ پس خدا تعالیٰ نے فرما دیا کہ نبی کی طرف سے جو فیصلہ ہو ا س کو خوشی سے قبول کرنا چاہئے اور اگر کوئی اُسے خوشی سے قبول نہیں کرتا تو وہ مومن نہیں ہے۔
بظاہر تو یہ بڑی مشکل بات معلوم ہوتی ہو گی کہ کس طرح ایک انسان کے ہر ایک فیصلہ کو اس طرح قبول کیا جائے کہ اس کے متعلق دل میں بھی ذرا تنگی محسوس نہ ہو اور کسی قسم کی ناخوشی نہ ہو۔ مگر میرے نزدیک یہ ایک بہت بڑی رحمت ہے۔ دنیا میں لوگ بڑے بڑے لوگوں کے فیصلے مانتے ہیں اور ان کی کوشش ہوتی ہے کہ ہمارا فیصلہ کوئی بڑا عقل مند اور دانا کرے۔ خدا تعالیٰ نے یہ فرما کر بتا دیا کہ اے لوگو! ہم تمہارے لئے اس مصیبت اور تکلیف کو باقی نہیں چھوڑتے کہ تم اپنے فیصلوں کے لئے انسانوں کو ڈھونڈتے پھرو اور پھر بھی حسبِ دلخواہ تمہیں نہ ملیں۔ ہم خود ایک انسان کو مقرر کر دیتے ہیں جو تمہارے فیصلے کر دے گا۔ پس خدا تعالیٰ کی طرف سے کسی ایسے انسان کا مقرر ہونا کوئی تکلیف دینا نہیں بلکہ رحمت برسانا ہے اور غلامی کرانا نہیں بلکہ حریت پیدا کرنا ہے یہ پابندی کرانا نہیں بلکہ آزادی دلانا ہے کیونکہ ایک نبی کے ماننے والے کو یہ ضرورت نہیں رہتی کہ وہ کسی بات کے متعلق فیصلہ کرانے کے لئے کسی منصف کی تلاش میں نکلے بلکہ وہ ہر ایک بات کا فیصلہ خواہ وہ اعمال سے متعلق ہو،یا افعال سے خواہ انتظامی امور سے تعلق رکھتی ہو خواہ جسمانی سے خواہ ایمان سے تعلق رکھتی ہو خواہ اعتقاد سے وہ رسول کر دیتا ہے۔ا ب اسے کسی اور کے تلاش کرنے کی ضرورت نہیں رہتی لیکن بہت لوگ ایسے ہیں جنہوں نے اس بات کو سمجھا نہیں ہوتا اس لئے ٹھوکر کھاتے ہیں۔
بہت لوگ ہیں جولکھتے ہیں کہ ہمیں سمجھ آگئی ہے کہ حضرت مرزا صاحب سچے تھے لیکن لاہوری ان کے متعلق کچھ اور کہتے ہیں اور تم کچھ اور۔ ہم کس کی بات کو مانیں اور کس کی بات کو نہ مانیں۔ میں ایسے لوگوں کہتا ہوں کہ تم قرآن شریف کو قبول کرو۔ سلسلہ احمدیہ کے انتظام کے لئے پہلے حضرت مولوی صاحب تھے اور اب میں ہوں۔ نہ کبھی مولوی صاحب نے کہا اور نہ میں کہتا ہوں کہ عقائدِ احمدیت اس لئے قبول کرو کہ میں کہتا ہوں۔ عقائد تو وہی ہیں جو حضرت مرزا صاحب مقرر فرما گئے ہیں اِس لئے میں کہتا ہوں کہ اگر ہماری کوئی بات سچی ہے تو اسے قبول کر لو ورنہ غلط قرار دے کر چھوڑ دو۔ پس تمام باتوں کے فیصلہ کا ایک ہی طریق ہے اور وہ یہ کہ جو بات حضرت مسیح موعود ؑنے فرمائی ہے اُسے قبول کرو اور جو اُس کے خلاف ہے اُسے چھوڑ دو۔
بعض لوگ کہتے ہیں کہ فلاں شخص اتنی مدت حضرت صاحب کی صحبت میں رہا ہے اُس نے فلاں بات کہی ہے۔ ’’اکمل‘‘ نے یہ لکھا ہے’’ قاسم‘‘ نے یہ کہا ہے ۔ فلاں ایڈیٹرنے یہ کہا ہے فلاں ایم اے یہ کہتا ہے ہم کس کی مانیں؟ میں کہتا ہوں کہ ہر ایک اختلاف کی بنا ء ہمیشہ سے اِسی بات پر رکھی گئی ہے کہ ان لوگوں کی باتوں اور رائوں کو سامنے رکھا جاتا ہے جو کسی بات کے متعلق فیصلہ دینے کا اختیار نہیں رکھتے اور ان کی بات کے پیچھے چلا جاتا ہے جو ٹھوکر کا باعث ہوتے ہیں۔ اِس ٹھوکر سے بچنے کا طریق یہی ہے کہ خدا تعالیٰ کی طرف سے جو مأمور کیا گیا ہے اُس کی بات کو قبول کیا جائے اور اس کے علاوہ خواہ کوئی بڑا ہو یا چھوٹا اُس کی بات اگر اس مأمور من اللہ کی بات کے مطابق ہے تو اسے قبول کر لو اور اگر ا س کے خلاف ہے تو پھینک دو۔
حضرت مسیح موعودؑ کے فیصلہ کوماننے سے اصل میں قرآن اور حدیث کے فیصلہ کو مانا جاتا ہے کیونکہ حضرت مسیح موعودؑ قرآن اور حدیث کو ردّ کرنے کے لئے نہیں آئے تھے بلکہ ان کے اصل اور درست معنی بیان کرنے کے لئے آئے تھے۔ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے جو قرآن کی تفسیر کی ہے وہ حدیث ہے اور ایک تفسیر قرآن کریم کے الفاظ سے سمجھ میں آتی ہے اور یہ تفسیر وہی سب سے زیادہ سمجھ سکتا ہے جس کو خد اتعالیٰ خود سمجھائے ۔اور پھر ا س سے بڑھ کر اور کون سمجھ سکتا ہے جس پر قرآن کریم نازل ہوا ہے اِس لئے آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کا قول و فعل، آپ کی سنت و عمل قرآن کریم کی تفسیر ہے لیکن آپ کے بعد جب زمانہ گزرتا گیا تو لوگوں نے اپنے اپنے عقل اور فہم کے مطابق قرآن کی تفسیر کرنی شروع کر دی اس لئے اختلاف پڑنے شروع ہو گئے اور ہزارہا اختلاف پڑ گئے۔ اب ہر ایک مومن کے لئے مشکل ہو گیا کہ وہ کس بات کو غلط قرار دے اور کس کو مانے۔ اکثر لوگ چونکہ خیالات کے پابند ہوتے ہیں اِس لئے ضروری ہوا کہ انہیں غلط خیالات سے ہٹا کر حقیقت اور اصلیت کی طرف لانے والا کوئی پیدا ہو۔ وہ حضرت مسیح موعودؑ پیدا ہوئے۔ اِس آیت میں خدا تعالیٰ نے فرمایا ہے۔ اور آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ مسیح موعود حَکَمْ ہو گایعنی اس لئے مبعوث کیا جائے گا کہ جو اختلاف پڑ گئے ہوں گے اس کے ذریعہ دُور ہو کر سب لوگ ایک دین پر جمع ہو سکیں گے ۔اور قرآن کی اپنی عقل کے مطابق جو لوگوں نے تفسیریں کر کے اختلاف ڈال دئیے ہیں وہ صحیح اور درست تفسیر کر کے ان کو دور کر ے گا۔
پس ہم حضرت مسیح موعود علیہ السلام کو اس لئے نہیں مانتے اور دوسروں کو منواتے کہ آپ قرآن کو منسوخ کر کے کوئی اور شریعت لائے تھے بلکہ اِس لئے کہ آپ قرآن کریم کی سچی اور درست تفسیر کرنے والے تھے۔ اسی طرح قرآن شریف کو ہم اس لئے نہیں مانتے اور دوسروں سے منواتے کہ وہ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم لائے تھے بلکہ اِس لئے کہ خدا تعالیٰ کا کلام ہے۔ پس ہر ایک بات اور اختلاف کافیصلہ خدا تعالیٰ کا کلام ہی کر سکتا ہے اور وہی کرتا ہے۔ مگر خداتعالیٰ کا کلام اس سے بڑھ کر اور کون سمجھ سکتا ہے جس پر کہ وہ نازل ہوا اور پھر اس سے بڑھ کر زیادہ اور کون سمجھ سکتا ہے جسے آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایاکہ میرے باپ کا نام اس کے باپ کا نام اور میری ماں کا نام اُس کی ماں کا نام ہو گا۴؎ اور میری ہی قبر میں دفن کیا جائے گا۔ ۵؎ اس سے زیادہ اور کسی کو آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم سے کیا قرب ہو سکتا ہے اور ا س سے زیادہ کسی کا کیا حق ہے کہ قرآن کو سمجھ سکے۔ پس حضرت مسیح موعودؑ سب سے بڑھ کر قرآن کو سمجھنے والے تھے اور خدا نے اُنہیں سمجھایا تھا اِس لئے جو فیصلہ اُنہوں نے کر دیا وہی فیصلہ درست اور صحیح ہے۔
ہماری جماعت پر تو خدا کا بڑا ہی فضل اور کرم ہے۔ زید اور بکر کو ٹھوکر لگ سکتی ہے مگر ہماری جماعت کو نہیںلگ سکتی کیونکہ اُن کے لئے کوئی حَکَمْ نہیں ہے مگر ہمارے لئے حضرت مسیح موعودؑ حَکَمْ ہیں۔اور حضرت مسیح موعودؑ خدا تعالیٰ کے کلام کے مطابق فیصلہ کرنے والے ہیں کیونکہ خدا ہی نے انہیں حَکَمْ قرار دیا ہے اور پھر سب کا مطاع ٹھہرایا ہے۔ آپ کے سوا اور کون ہے جس کی نسبت حَکَم اور عدل کہا گیا ہو اور جس کی نسبت خدا نے کہا ہو کہ اس کے فیصلے صحیح اور درست ہیں۔ پھر آپ کے سوا اور کون ہے جس نے دعویٰ کیا ہو کہ میں اُس گروہ میں سے ہوں جس کو خدا تعالیٰ مرنے تک کسی اجتہادی غلطی پر نہیں رہنے دیتا ۔اور پھر آپ کے سوا اور کون ہے جس کی نصرت اور تائید خدا تعالیٰ نے کی اور جس کی صداقت کو ظاہر کر دیا۔ کوئی نہیں۔ پس جب ایسا انسان ایک ہی ہے اور وہ ایک حضرت مسیح موعود علیہ السلام ہے تو ہم اس کے ہوتے ہوئے اور کسی کی بات کو کیوں مانیں۔
اس بات کو یاد رکھو اور خوب یاد رکھو کہ تم ہر ایک بات میں حضرت مسیح موعود علیہ السلام کا فیصلہ مانو۔ جو اس لئے آیا تھا کہ اختلافات کو مٹا دے اور تمام اختلافی باتوں کا فیصلہ کر دے۔ اور یہ وہ عظیم الشان انسان ہے جس کی نسبت خدا تعالیٰ نے قرآن میں خبر دی ہے رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے خبر دی ہے،پہلے تمام نبیوں نے خبر دی ہے۔ پس یہی وہ انسان ہے جس کا ہر ایک فیصلہ بلاچون وچرا کے مان لینا چاہئے کیونکہ اگر وہ سچا ہے اور واقعی سچا ہے تو اس کا ہر ایک فیصلہ اور ہر ایک بات سچی ہے۔ اور جب ہر ایک بات سچی ہے تو اس کے ماننے میں کیا انکار ہو سکتا ہے۔
پس اگر ہمارے اِس سلسلہ میں داخل ہونے کی اور اِس بوجھ کو اپنے سر پر لینے کی یہ غرض ہے کہ ہمیں ایمان حاصل ہو جائے تو خدا تعالیٰ فرماتا ہے کہ اس کا ایک ہی طریق ہے اور وہ یہ کہ خدا کے رسول کی اطاعت کا جُؤا اپنی گردنوں پر رکھو ۔اور اگر یہ نہیں بلکہ تم زید و بکر کی باتوں کو ماننے والے ہو اور ان کے پیچھے چلنے والے ہو تو تمہیں سوائے ضلالت اور ہلاکت کے اور کچھ ہاتھ نہ آئے گا۔ جسے اپنے ایمان کی ضرورت ہے اور جو خدا تعالیٰ کا قرب حاصل کرنا چاہتا ہے وہ اپنے تصور میں اس بات کو لائے کہ کیا جبکہ وہ خد اتعالیٰ کے حکم کو ردّ کرتا ہے تو کامیاب ہو سکے گا؟ ہرگز نہیں۔ خدا تعالیٰ نے تمام عقائد کی بنیاد حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے فیصلہ پر رکھی ہے۔ اگر تم آپ کے فیصلہ کو مانو گے تو کوئی وجہ نہیں کہ تمہیں ٹھوکر لگے۔ زید کھڑا رہے یا گرے۔ بکر کھڑا رہے یا گرے مگر تم کھڑے رہو گے کیونکہ مسیح موعود کھڑا ہے ۔اور کھڑی چیز کو پکڑنے والا نہیں گرتا بلکہ جو گرنے والی چیز کو پکڑتا ہے وہ گرتا ہے۔ جس شخص کو خدا نے سہارا دے کر کھڑا کیا ہے وہ نہیں گر سکتا کیونکہ خدا نہیں گرتا۔ پس تمہیں اسی کے سہارے کھڑا ہونا چاہئے جو ہمیشہ کے لئے قائم رہنے والا ہے اور اسی کی ہر ایک بات ماننی چاہئے۔ حضرت مسیح موعودؑو ہی کہتا ہے جو رسول کریم ﷺ نے کہا۔ اور رسول کریم ﷺ نے وہی کہا جو خدا تعالیٰ نے انہیں کہا۔ اور خدا تعالیٰ غلطی نہیں کرتا کیونکہ وہ علیم اور خبیر ہے ۔ہر ایک بات کا علم رکھتا ہے اور ہر ایک بات کو جانتا ہے اس لئے مسیح موعودعلیہ السلام ہی کی بات ایسی ہے جو بِلا چون وچرا ماننے کے قابل ہے۔
اللہ تعالیٰ ہماری جماعت کو اِس بات کی سمجھ دے کہ وہ عقائد میں حضرت مسیح موعودؑ کے اقوال و افعال آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کے اقوال و افعال اور قرآن کریم پر ہو نہ کہ کسی اور انسان کے اقوال پر کیونکہ اس طرح ٹھوکر لگتی ہے۔ اس میں کچھ شک نہیں کہ بعض لوگوں کی سمجھ اور عقل دوسروں سے اعلیٰ ہوتی ہے مگر وہ ایسے انسان نہیں کہے جا سکتے جو غلطی نہ کرتے ہوں۔ یا نہ کر سکتے ہوں اور بالکل پاک ہوں۔ امام مالکؒ، امام حنبلؒ، امام شافعیؒ کا اسلام میں بہت بڑا درجہ ہے اور واقعہ میں وہ اِسی قابل ہیں لیکن بعض باتیں ایک نے کہی ہیں جن میں نقص ہے لیکن دوسرے نے ان کو تو درست لکھا ہے مگر کسی اور بات میں غلطی کر گیا ہے۔ اسی طرح بعض کی کوئی بات غلط ہے اور بعض کی کوئی۔ تو تمام اقوال اور افعال صرف خدا کے مأموروں کے ہی درست ہوتے ہیں ان کے سوا اور کسی کے نہیں ہوتے اس لئے ایمانات کی بنیاد مأمور من اللہ کے اقوال پر ہی ہونی چاہئے۔ خدا تعالیٰ ہمارے اعتقادات کو اپنی مرضی کے مطابق درست رکھے تاہم ٹھوکر نہ کھائیں اور ہمارے قدم ایسی مضبوط چٹان پر قائم ہوں کہ جہاں سے کبھی نہ ہل سکیں۔‘‘
(الفضل ۲۹ فروری ۱۹۱۶ئ)
۱؎ النسائ: ۶۶
۲؎ تپسیا: مشقت کی عبادت، سخت ریاضت
۳؎ النسائ: ۶۵
۴؎ ترمذی کتاب الفتن باب ماجاء فی المہدی+ ابوداؤد کتاب الفتن باب کتاب اوّل کتاب المہدی
۵؎ مشکوٰۃ باب نزول عیسیٰ علیہ السلام صفحہ ۴۸۰ مطبوعہ کراچی ۱۳۶۸ھ
۷
ہماری جماعت صفاتِ الٰہیہ کی مظہر بنے
(فرمودہ ۳؍ مارچ۱۹۱۶ئ)
تشہد، تعوذاورسورۃ فاتحہ کی تلاوت کے بعد فرمایا:۔
’’اللہ تعالیٰ جن خوبیوں اور جن صفاتِ حسنہ کا مالک ہے کوئی بھی نظیر ان کی کسی اور جگہ نہیں ملتی لیکن وہ خدا خدا ہے اور باقی مخلوق اس لئے مخلوق میں جو صفات اور خوبیاں ہوں گی وہ سب اس خدا ہی کی ہوں گی اور اس کی صفات کا ظل ہوں گی۔ پس خدا تعالیٰ میں جو صفات اور خوبیاں اور حسن ہے انسان میں اس کا ظل ہے۔ا نسان ان صفات پر اور ان خوبیوں پر اور اس حسن پر جو اس میں ہیں خدا تعالیٰ کی صفات کا اندازہ نہیں لگا سکتا کیونکہ انسان جو کچھ دیکھتا ہے اسی کا اندازہ لگا سکتا ہے اس لئے اس جگہ انسان جو بھی اندازہ لگائے گا وہ غلط ہو گا۔ کیونکہ یہ اس ظل پر جو اس نے دیکھا ہے اس خدا کی صفات کا جس کی صفات کا یہ ظل ہیں خیال کرے گا۔ اس لئے اللہ تعالیٰ نے سورۃ فاتحہ کو سے شروع کیا نَحْمَدُ سے شرو ع نہیںکیا تاکہ بتادے کہ جس قدر بھی خوبیاں اور صفات ہیں وہ سب اللہ تعالیٰ میں جمع ہیں اِسی لئے وہ ہر طرح کی کامل حمد کے لائق ہے لیکن دنیا میں ایسے لوگ بہت ہیں جو اللہ تعالیٰ کے متعلق طرح طرح کے عیوب جمع کرتے ہیں۔ اس کو زبان سے نہیں تو اعمال سے یا دیگر عقائد سے بے قدرت تسلیم کیا جاتا ہے،اس کو جھوٹا کہا جاتا ہے، اس کو مجبور ظالم اور بے رحم گردانا جاتا ہے غرض طرح طرح کے الزام خدا پر لگائے جاتے ہیں۔ یہ الزام اُس کے نہ ماننے والوں کی طرف سے نہیں بلکہ ماننے والوں اور اس کی ہستی کا اقرار کرنے والوں کی طرف سے ہیں۔ وہ ان الزامات کو سمجھتے ہیں کہ یہ اس کی صفات ہیں اس لئے وہ ان کو بھی اُسی کی طرف منسوب کرتے ہیں۔ ایک مسلمان جو کہنے والا ہے اُس کا فرض ہے کہ وہ ان تمام بدیوں اور الزامات کوجو اللہ تعالیٰ پر لگائے جاتے ہیں اور اس کی طرف منسوب کئے جاتے ہیں دور کرے۔
نبی اور مأمور اِسی غرض کیلئے دنیا میں آتے ہیں تا وہ ان الزامات اوربدیوں کو جو خدا تعالیٰ کی طرف منسوب کی گئی ہیں دور کریں ۔سچے سلسلہ کی یہی نشانی ہے کہ اس کے ماننے والے ان الزامات کو دور کریں۔ جس طرح حضرت نوحؑ کی آمد، حضرت ابراہیم ؑ کی آمد، حضرت موسٰی ؑ، حضرت عیسیٰؑ اورہمارے نبی محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم اور دوسرے نبیوں کی آمد جو مختلف ملکوں میں مختلف اوقات میں مبعوث ہوئے اِسی لئے ہوئی کہ وہ ان الزامات کو جو لوگوں نے خدا تعالیٰ کی طرف منسوب کر چھوڑے تھے دُور کریں اُسی طرح ہمارے حضرت مسیح موعودؑ بھی اِسی غرض کے لئے بھیجے گئے ۔ جس طرح پہلے نبیوں کی جماعتیں خدا تعالیٰ کے ہاتھ سے اِسی غرض کے لئے قائم کی گئیں اُسی طرح ہماری جماعت بھی اِسی غرض کے لئے قائم کی گئی ہے۔ پس جس طرح ان لوگوں نے جو پہلے نبیوں کی جماعت سے تھے اپنا فرض ادا کیا۔ اسی طرح ہمارا بھی فرض ہے کہ ہماری کوششیں مختلف طریقوں سے اور محنتیں چھوٹی ہوںیا بڑی اِسی غرض کے لئے ہونی چاہئیں۔ ہمارے لئے فرمایا کہ تم خدا سے مدد مانگو، اُس سے دعا کرو کیونکہ تم خود کوئی چیز نہیں کہ اس کام کوبجا لائو۔ہاں خد اسے دعا کرو ۔تم ایک تلوار کی طرح ہو جب خدا اس تلوار کے قبضے کو اپنے ہاتھ میں لے کر اس تلوار کو چلائے گا تو وہ تلوار جس پر پڑے گی اُس کو کاٹتی چلی جائے گی۔
ہمارا جلسہ اِسی غرض کے لئے دہلی میں قرار پایا ہے۔ دعا کرو کہ خدا تعالیٰ اس جلسے کو کامیاب کرے۔
حضرت مسیح موعودؑ فرمایا کرتے تھے کہ دہلی میں ولیوں، بزرگوں، شہیدوں اور صالح لوگوں کی بہت قبریں ہیں حتیٰ کہ جس قدر پاک لوگ اِس خاک میں مدفون ہیں زندوں سے زیادہ ہوں گے ان کی روحیں حق کے ظہور کے لئے تڑپ رہی ہیں وہاں یہ سلسلہ ضرور پھیلے گا۔
حضرت مسیح موعودؑ جب دہلی تشریف لے گئے تھے تو وہاں کی جماعت نے عرض کیا یہاں کے لوگ بالکل پرواہ نہیں کرتے اور کہتے ہیں کہ ارے میاں! اگر مسیح نے ہندوستان ہی میں آنا تھا تو پھردہلی میں آتا نہ کہ پنجاب کے کسی گائوں میں جہاں بات کرنے کا بھی سلیقہ نہیں۔ گویا وہ لوگ کی بجائے اَلْحَمْدُ لِدِھْلِیْ کہا کرتے یعنی تمام خوبیاں وہ دہلی میں جمع کرتے ہیں۔ وہ خیال کرتے ہیں کہ عالم ہو سکتے ہیں تو دہلی میں سے، ولی،شہید، صالح اور نیکوکار ہو سکتے ہیں تو دہلی سے ۔ اُنہوں نے دہلی کو تمام صفات کا جامع بنا لیا ہے اور اس قدر متکبر ہوئے ہیں کہ وہ خیال کرتے ہیںکہ دہلی میں رہ کر ہمیں کسی بات کے سننے کی حاجت ہی نہیں تو وہاں کے لوگ بہت بے پرواہ ہیں۔ دعا کرنی چاہئے ا للہ تعالیٰ ان لوگوں کے دلوں میں تحریک کرے کہ وہ اپنے دلوں کو طرح طرح کی آلودگیوں اور نخوت اور تکبر سے صاف کر کے ہمارے جلسہ میں آویں اور پھر دعا کرنی چاہئے کہ ہمارے واعظوں کے دلوں میں کسی قسم کا تکبر نہ ہو، کسی قسم کا عجب نہ ہو ۔ پھر دعا کرنی چاہئے کہ ہمارے واعظوں کی تبلیغ میں اثر ہو۔ اور پھر دعا کرنی چاہئے کہ اس اثر سے وہ لوگ فائدہ بھی اُٹھائیں۔ اور پھر دعا کرنی چاہئے کہ اللہ تعالیٰ ان لوگوں کو توفیق دے کہ وہ اس اثر کو دوسروں تک پہنچائیں۔ جلسہ آج جمعہ کے بعد شروع ہو گا چار دن تک رہے گا ان چاروں دنوں میں دعا کرنی چاہئے۔ ‘‘ (الفضل ۷؍ مارچ ۱۹۱۶ئ)

۸
دو دو چار چار بیویاں کرو!
(فرمودہ ۱۰؍ مارچ ۱۹۱۶ئ)
تشہد، تعوذ اور سورۃفاتحہ کے حضور نے بعد مندرجہ ذیل آیت کی تلاوت کی:۔
۱؎
پھر فرمایا:۔
’’ اسلام کے معنی کامل فرمانبرداری کے ہیں اور اگر کوئی شخص مسلم کہلاتا ہے اور اپنی خواہشوں اور اپنے اغراض اور خیالات کو اسلام کے احکام پر مقدم کرتا ہے تو وہ نام کا مسلم ہے لیکن خدا کے حضور مسلم نہیں کہلا سکتا۔ جب مسلم کے معنے فرمانبردار ، متبع، مطیع اور ہر ایک بات کے ماننے والے کے ہیں تو پھر ایسا شخص جو اسلام کے احکام کو نہیں پکڑتا اور اس کے فرمانوں کے آگے سر تسلیم خم نہیں کرتا وہ مسلم نہیں ہو سکتا۔ ایسے شخص کا کیا حق ہے کہ وہ مسلم کہلائے۔ مسلم وہی ہے جو خدا کے آگے اپنی گردن ڈال دے اور اُس کے تمام کام خدا کے احکام کے ماتحت ہو جائیں اور وہ ان باتوں کو پسند کرے جنہیں خدا تعالیٰ نے پسند کیا ہے یہی مسلم کی تعریف ہے اس تعریف کے ماتحت یہ شخص مسلم ہے۔
لوگ اپنی پسند کے ماتحت آنے والے احکام کے لئے بڑی خوشی سے فرمانبرداری کا اظہار کرتے ہیں۔ اگر کسی بینے سے قرضہ لیا ہوا ہو تو وہ سُود سے بچنے کی بڑی کوشش کریں گے اور کہیں گے یہ تو ہمارے مذہب کے خلاف ہے ہمارے مذہب نے تو اسے جائز نہیں رکھا لیکن اگر لڑکیوں کو حصہ دینا ہو تو کہہ دیں گے ہم شریعت کے پابند نہیں ہم رواج کے پابند ہیں۔ غرض یہ کہ اُنہوں نے شریعت کو ایسے بنا چھوڑا ہے کہ مطلب کی بات کو لے لیا اور جو خلافِ منشا ء ہوئی اسے چھوڑ دیا۔
اِسی طرح ایک سے زیادہ شادی کرنے کے متعلق باتیں بنائی ہیں۔ اس وقت ہندوستان میں یورپ کی ہوا چل رہی ہے اور یوں بھی اسلام سے دور ہوتے ہوتے اس سے بہت بُعد ہو گیا ہے اس لئے لوگ دوسری شادی کرنے کے بہت مخالف ہیں۔ ایک شخص احمدی نے مجھے لکھا ہے کہ میرے اولاد نہیں ہے اس لئے میں دوسری شادی کرنا چاہتا ہوں۔ میرے اس خیال کی وجہ سے میری بیوی کے والدین نے اسے روک لیا ہے اور بھیجتے نہیں ہیں۔ کہتے ہیں ہم تب اپنی لڑکی کوبھیجیں گے جب تم یہ لکھ کر دو کہ تم دوسری شادی نہیں کرو گے۔
قرآن شریف فرماتا ہے تم شادی کرو جو تمہارے پسند ہو۔ ہاں اگر عدل نہ ہو سکے تو ایک کرو۔ ورنہ دو دو تین تین چار چار کرنے کی اجازت ہے تو کیونکر ایک شخص احمدی رہ سکتا ہے جبکہ وہ خدا کے اس حکم کے خلاف کرتا ہے۔ اللہ تعالیٰ تو حکم دیتا ہے کہ اگر تم عدل نہ کر سکو تو اس صورت میں ایک کرو۔ موانع کی موجودگی میں ایک کی اجازت دی ہے لیکن موانع نہ ہونے کی صورت میں تمہیں د ودو، تین تین، چار چار کی اجازت ہے۔
میری دوسری شادی پر لاہور کے ایک شخص نے جو سید کہلاتا ہے اعتراض کیا۔ اُس کو نہیں معلوم کہ جس کی اولاد ہونے کا وہ فخر کرتا ہے اور جس کی بیٹی کی نسل ہونے سے وہ سید بنا ہے اُس کے والد کی تو ۹ بیویاں تھیں۔۲؎ اگر دو شادیاں کرانے کے لحاظ سے ایک شخص شہوت پرست، عیاش کہلا سکتا ہے تو ۹ شادیاں کرانے والے کی نسبت اُس کا کیا خیال ہو گا۔ لیکھرام کی طرح اس نے سمجھا تھا کہ اس نے بڑا بھاری اعتراض کیا ہے لیکن جس طرح لیکھرام کے اعتراض نے اس معزز مکرم کی شان کا کچھ نہیں بگاڑا اِس شخص کے اعتراض نے میرا بھی کچھ نہیں بگاڑا۔ اس نے اپنے آپ کو لیکھرام کے مشابہہ کیا اور مجھے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے مشابہت دی۔اس نے نادانی سے کہا کہ یہ شخص عیاشی چاہتا ہے لیکن ہم اسے کہتے ہیں کہ اس کے اس اعتراض کرنے میں حضرت ابوبکرؓ، حضرت عمرؓ، حضرت عثمان، حضرت امام حسینؓ، حضرت عبداللہ بن جعفر قریباً پانچ سَو صحابہ ہمارے ساتھ شامل ہیں وہ سب اِسی اعتراض کے نیچے آئیں گے۔ لیکھرام اور اس کے بھائیوں نے بڑے بڑے اعتراض کئے ہیں وہ کہتے ہیں کہ ایک شخص جو اس قدر لوگوں کی ہدایت کے لئے آوے اور پھر وہ اس طرح کرے (جیسے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے کیا) یہ کیونکر اچھا کام ہو سکتا ہے لیکن باوجود اس اعتراض کو دیکھتے ہوئے جو نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم پر ہو چکا تھا اِس نے مجھ پر یہی اعتراض کیا۔ افسوس اِس نے میرے پر یہ اعتراض کر کے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کو بھی نہ چھوڑا۔
حضرت مسیح موعود علیہ السلام نے فرمایا جو عورت اپنے خاوند کی دوسری شادی پر چڑتی ہے اور بُرا مناتی ہے، ناپسند کرتی ہے، غصے میں آتی ہے، تو خاوند کے لئے ضروری ہے کہ اُس کی اِس چڑ کو دُور کرنے اور توڑنے کے لئے دوسری شادی کرے۔۳؎ اگر کوئی شخص اس کی خلاف ورزی کرتا ہے اور اِس پر اعتراض کرتا ہے تو وہ اللہ تعالیٰ اور اس کے رسول کے برخلاف کرتا ہے لیکن باوجود اِس کے بہت سارے احمدی اِس کی خلاف ورزی کرتے ہیں۔ خواہ وہ محمد حسین کے مجھ پر اعتراض کرنے کو بُرا ہی مناتے ہوں اور جوش میں آتے ہوں لیکن جب خود ان پر بات آتی ہے تو وہ بھی اِسی اعتراض کے مرتکب ہو جاتے ہیں۔ اسلام کے تو یہی معنے ہیں کہ اپنے اُوپر بھی ان احکام کو چلائے جو احکام اسلام نے دیئے ہیں۔
بہت سارے نبیوں نے ایک سے زیادہ شادیاں کیں۔ حضرت ابراہیم ؑ، حضرت یعقوبؑ، حضرت موسی ؑ،حضرت دائود، حضرت سلیمان ؑ، آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے ایک سے زیادہ شادیاں کیں۔ بڑے بڑے نبیوں میں کثرت سے ایسے نبی گزر چکے ہیں اگر فہرست لی جائے تو ایک سے زیادہ شادیاں کرنے والے نبی زیادہ ہوں گے۔ خود حضرت مسیح ؑکی نسبت بھی چار شادیاں بیان کی جاتی ہیں۔ کیا وجہ ہے کہ اِس قدر اولوالعزم انبیاء ایک سے زیادہ شادیاں رکھتے تھے کیا یہ اُن کا فعل عیاشی پر مبنی تھا؟ اگر کہو کہ نہیں ضرورت کے ماتحت اُنہوں نے شادیاں کی تھیں۔ ایک یا دو یا چار نبی ہوتے تو کہہ سکتے تھے کہ مصلحت کے ماتحت اُنہوں نے ایک سے زیادہ شادیاں کیں ۔ یہاں اگر کل چالیس یا پچاس نبی ہیں تواِ ن میں سے پچیس یا تیس ایسے نظر آئیں گے کہ اُنہوں نے ایک سے زیادہ شادیاں کیں۔ اِس میں کیا حکمت ہے کہ خدا تعالیٰ نے جن پاک بزرگوں کو اپنی خلعتِ نبوت سے سرفراز فرمایا اُن میں سے اکثر کو ایک سے زیادہ شادی کے لئے ہی ضرورت پیش آئی۔ اِدھر قرآن شریف بھی دو دو چار چار کا حکم دیتا ہے۔ معلوم ہوتا ہے کہ اس میں کوئی خاص حکمت پوشیدہ ہے باوجود اِس کے کہ نسل موجود ہے اور پھر شادیاںکی جاتی ہیں۔
اگر کوئی شخص کہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم اولاد کیلئے شادیاں کرتے تھے تو ہم یہ ثابت کر سکتے ہیں کہ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کے بیٹے ابراہیم پیدا ہوئے ہیں اور زند ہ ہیں پھر ایسے وقت میں آپؐ نے اور نکاح کیا۔ پھر اور اعتراض ہے۔ اور کو تو چار چار کی اجازت نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کو ۹ کی اجازت کیوں دی گئی۔
بہت لوگوں کا خیال ہے کہ۹تک عام اجازت ہے۔ لیکن مسیح موعود علیہ السلام نے چارکا ہی فتویٰ دیا ہے۔ میں نے بار ہا آپ سے چار کے متعلق ہی سنا ہے آپ چار ہی فرمایا کرتے تھے۔ حضرت مولوی صاحب (نور الدین) کا ایک وقت میں ۹ کے جواز کا خیال تھا چنانچہ اُنہوں نے ایک دفعہ ایک روایت بھجوا دی کہ فلاں بزرگ کی چار سے زیادہ بیویاں تھیں۔ میر محمد اسحق صاحب وہ روایت لئے ہوئے میر ے پاس آئے اور کہنے لگے آج اِس مسئلہ پر خوب بحث ہو گی۔ مولوی صاحب نے یہ ایک حدیث حضرت صاحب کو دکھانے کے لئے بھجوائی ہے۔ پس وہ اسے حضرت صاحب کو دکھانے کے لئے لے گئے اور تھوڑی دیر کے بعد جب واپس آئے تو سر نیچے ڈالا ہوا تھا۔ میں نے پوچھا کیا ہوا؟ کہنے لگے کہ حضرت صاحب کے سامنے جب وہ عبارت پیش کی تو آپ نے فرمایا یہاں کہاں لکھا ہے کہ ۹ بیبیاں ایک وقت میں تھیں۔ حضرت مسیح موعود علیہ السلام چار کی نسبت ہی فرمایا کرتے تھے۔ تو ہم بھی یہی کہیں گے کہ اِدھر چار کی اجازت اُدھر ۹کی اس میں کیا حکمت ہے۔
اگر نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کو اولاد کی خواہش تھی تو آپ کو چار بیویاں کرنی چاہئے تھیں لیکن آپ نے ۹ کیں۔ حالانکہ اللہ تعالیٰ جانتا تھا کہ آپ خواہ بیس بیویاں بھی کر لیں تو بھی آپ کے نرینہ اولاد نہ ہو گی تو پھر کس لئے اللہ تعالیٰ نے آپ کو اور لوگوں سے زیادہ 9 کی اجازت دی؟ معلوم ہوا کہ کوئی اَور حکمت ہے۔ چونکہ اسلام ہدایت لے کر آیا تھا اس لئے تبلیغ فرضِ اسلام تھا۔ کیونکہ تبلیغ کے ذریعہ سے ہدایت پہنچ سکتی ہے۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے زیادہ شادیاں کرنے میں یہی حکمت تھی۔ اگرچہ سیاسی اغراض بھی تھیں۔لیکن سب سے بڑھ کر یہی غرض تھی کہ انہوں نے زیادہ شادیاں کر کے عورتوں کے متعلق علم کو محفوظ کر دیا۔ آپؐ کی بیویاں اسلام کی دوسری عورتوں کے لئے مبلّغہ ہوئیں انہوں نے اسلام اور ان کے متعلق احکام پہنچائے۔ چار عورتوں کی گواہی دو مردوں کی گواہی کے برابر ہوتی ہے لیکن بعض ایسے فیصلے بھی ہوتے ہیں کہ ان میں چار گواہ مردوں کی ضرورت ہوتی ہے پس ایسے فیصلے میں آٹھ عورتوں کی گواہی کی ضرورت ہوئی۔ اس لئے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے ۹ کر کے اسے طاق کر دیا اور گواہی کامل ہو گئی۔ غرض نصف حصہ دین کا جو عورتوں کے متعلق تھا اِس طرح پورا ہوا۔
دوسری حکمت اس میں نسل کی ترقی کی بھی ہے کہ نسل کے بڑھنے سے خدا کے نام لیوا پیدا ہوں گے اور اسلام کے مبلغ بنیں گے اور اسلام دوسرے مذاہب کو اپنے اندر جذب کر لے گا۔ تاریخ پڑھ کر دیکھ لو کہ ترقی کرنے والی قوم کی پہلے نسل کی ترقی ہوئی ہے۔ یورپ کے لوگ جزیروں میں جا کر آباد ہوئے ہیںا ن کی نسل کی ترقی ہوتی گئی اور اصلی باشندوں کی نسل کی کمی ہوتی گئی۔ غرض جس قوم کی ترقی ہونے لگی ہے اس کی نسل بڑھی ہے اور دوسری قوم کی نسل کم ہوئی ہے۔ فارس میں مسلمان آئے، کاکیشیا، ارض روم، افغانستان، بلوچستان، بخارا، جاوا، سماٹرا، سیلون جب یہ قوم اپنی ترقی کے زمانہ میں پہنچی ان کی نسل بڑھی، ان تمام علاقوں میں عرب نسلیں پائی جاتی ہیں۔ا گرچہ یہی عرب رسول اللہ ؐسے پہلے موجود تھے۔ کیوں ان کی ترقی اُس وقت نہ ہوئی اور کیوں ان کی نسلیں اُس وقت نہ پھیلیں؟ اِس کی یہی وجہ ہے کہ کسی قوم کی ترقی کے ساتھ اس کی نسل کی بھی ترقی ہوتی ہے اس لئے اسلام نے نسل کی ترقی کے لئے چار تک بیویاں کرنے کا حکم دیا ہے۔ جب نسل کی ترقی ہو گی تو اس کے ساتھ دوسری ترقی بھی ہو گی۔ تو اس طرف اشارہ کر دیا کہ نسل بڑھائو تاکہ بڑے ؓبڑے اعلیٰ قسم کے شخص پیدا ہوں اور وہ اسلام کو قائم کریں۔ نسل بڑھنے سے تبلیغ کرنے والے بھی بڑھ جاویں گے۔ جن جن ممالک میں مسلمانوں نے اس بات پر کہ ایک سے زیادہ شادیاں کر یں عمل نہیں کیا۔ وہاں پھر اسلام بھی نہیں پھیلا۔ عرب اس بات کو خوب جانتے تھے اور اُنہوں نے اِس بات پر خوب عمل کیا۔ اِسی لئے جہاں جہاں عرب حکومت قائم ہوئی وہاں دوسری نسلیں مٹ گئیں۔ ہندوستان میںمغل پٹھان لوگوں کی سلطنت ہوئی اُنہوں نے اس بات پر عمل نہ کیا اگرچہ اُنہوں نے دوسری قوموں پر ظلم کیا، جبر بھی کیا لیکن پھر بھی یہاں دوسری قومیں کم نہیں ہوئیں لیکن عرب لوگوں کی سلطنت کے ماتحت باوجود اعلیٰ درجے کے امن اور ۴؎ پر عامل ہونے کے جہاں گئے اسلام وہاں بڑی ترقی کر گیا اور دوسری قومیں وہاں نابود ہو گئیں۔ ہندوستان میں اسلامی سلطنت سات سَو سال تک رہی لیکن اسلام یہاں اس قدر نہ پھیلا جتنا کہ پھیلنا چاہئے تھا۔ا گر مسلمان یہاں بھی کثرت سے شادیاں کرتے تو سارا ہندوستان مسلمان ہو جاتا۔ بادشاہوں نے یہاں شادیاں کثرت سے کیں لیکن عیاشی کے لئے۔
جہاں عورت کے حقوق دوسری شادی کرنے پر نہ دئیے جائیں تو وہ شادی عیاشی کے لئے ہوتی ہے۔ ایک شادی کی جاتی ہے اور دوسری سے تعلق توڑ لیا جاتا ہے۔ راجوں اور نوابوں کا یہی حال ہے۔ مگر اسلام نے جو شرائط لگائی ہیں ان سے عیاشی نہیں ہو سکتی۔ اسلام تو کہتا ہے کہ خواہ دوسری عورت سے تمہیں کتنی ہی محبت ہو لیکن تمہیں ذرا ذرا بات میں دونوں سے ایک جیسا سلوک چاہئے۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو حضرت عائشہؓ سب بیویوں سے پیاری تھیں۔ یہ بات پوشیدہ نہ تھی سب جانتے تھے ۔ اس لئے حضرت عمر رضی اللہ عنہ نے حضرت عائشہؓ سے فرمایا کہ میں تمہارا وظیفہ بڑھانا چاہتا ہوں۔ کیونکہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم تم سے سب سے زیادہ محبت کرتے تھے۔ حضرت عائشہؓ نے جواب دیا۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم ہم سب کو برابر حصہ دیتے تھے تم مجھ کو زیادہ حصہ دینے والے کون ہو۔ صحابہ بھی اِس بات کو جانتے تھے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم حضرت عائشہؓ سے زیادہ پیار رکھتے ہیں اور سب عورتوں سے ایک جیسا سلوک کرتے ہیں۔ اس لئے جب حضرت عائشہؓ کی باری ہوتی تھی تو ہدیہ آپ کے پیش کیا کرتے تھے۔۵؎ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم سخت بیماری میں بھی اپنی مرضی سے حضرت عائشہؓ کے گھر نہ رہے تھے بلکہ سب بیویوں سے پوچھ لیا تھا کہ مجھے آنے جانے میں تکلیف ہوتی ہے اگر تم کہو تو میں عائشہؓ ہی کے ہاں رہوں۔ ۶؎ یہ باتیں ثابت کرتی ہیں کہ کس قلب کا وہ انسان تھا باوجود اس کے کہ آپ حضرت عائشہؓ رضی اللہ عنہ سے بوجہ تقوی،فراست ، سمجھ،دانائی کے محبت کرتے تھے لیکن پھر بھی دوسری عورتوں کا لحاظ تھا اور پھر کسی کو ترجیح نہیں دیتے تھے۔
نادان انسان کہتا ہے کہ یہ عیاشی ہے لیکن یہ قربانی ہوتی ہے۔ بہت لوگ ہیں کہ ان کے اولاد بھی نہیں ہوتی لیکن وہ دوسری شادی نہیں کرتے اِس خوف سے کہ یہ بڑا مشکل امر ہے۔ طرح طرح کے انتظام اور تکالیف بڑھ جاتی ہیں، قسم قسم کی ناپسند باتیں برداشت کرنی پڑتی ہیں۔ عیاشی میں انسان یک سُوئی کی طرف جھک پڑتا ہے لیکن اسلام کی شادیاں ایک طرف جھکنے نہیں دیتیں بلکہ وہ قربانی چاہتی ہیں۔
لیکھرام اس حکمت کو نہ سمجھا اور نہ ہی محمد حسین نے اس حکمت کو پایا۔ اس نے مخالف قوم میں پیدا ہو کر آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم پر اعتراض کیا۔ محمد حسین نے میرے پر اعتراض کر کے گویا بِالواسطہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے فعل پر اعتراض کیا۔ غرض لوگوں نے اس حکمت کو سمجھا نہیں اسلام نے ایسی پابندیاں اور قیود لگائی ہیں کہ اگر کوئی شخص ان پابندیوں اور قیود کے ماتحت شادی کرتا ہے وہ اسلام کی ترقی کے لئے شادی کرتا ہے تو وہ خدا تعالیٰ کے جلال کے اظہار کے لئے یہ قیود اپنے اوپر وارد کرتا ہے۔
خدا تعالیٰ جب دشمن کا دل دکھانا چاہتا ہے تو اسی طرح کرتا ہے۔ وہ ایک شادی سے اتنا غصہ میں آیا ابھی تو اس میں دو کی اَور گنجائش ہے جو ایک کی برداشت نہ کر سکا وہ دو اَور کے لئے تو اور بھی زیادہ رنج اٹھائے گا اورگھبرائے گا۔ جس شخص کی شادی سے یہ غرض ہو کہ اسلام کی آبادی بڑھے، اسلام ترقی کرے، اسلام کے نام لیوا اور اسلام کے پھیلانے والے بڑھیں اُس کے لئے اِس سے بڑھ کر اور خوشی کی چیز کیا ہو سکتی ہے۔ ایک نسل کی ترقی سے دوسری پیچھے آنے والی نسلوں کی بھی ترقی ہوتی ہے۔
ہمارے مخالفوں کا تو یہ حال ہے کہ وہ دوسری شادی پر اعتراض کرتے ہیں مگر ہمارے احمدی بھی اِس مرض میں مبتلا ہیں جیسے میں نے پہلے واقعہ سنایا اس صورت میں جبکہ ہم خود اِن شادیوں کو ناپسند کریں اور ان پر اعتراض کریں تو عیسائی اور دوسرے لوگ نعوذ باللہ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم پر اعتراض کرنے میں سچے ہیں۔ پس ہر ایک مسلمان کا فرض ہے کہ ان احکام کی فرمانبرداری کرے جو قرآن شریف نے بیان فرمائے ہیں۔ اس صورت میں جبکہ وہ ان احکام کی فرمانبرداری کرے گا مسلمان کہلا سکتا ہے۔
ایک اور بات یاد آگئی۔ میری شادی پر تو اس شخص نے اعتراض کیا ہے لیکن طلاق کی نسبت تو سخت ممانعت ہوئی ہے۔ طلاق دینے کیلئے تو بہت ساری شرطیں لگائی ہیں۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم طلاق کی نسبت فرماتے ہیں کہ یہ اَبْغَضُ الْحَلَالِ ہے۔۷؎ خد ا اس حلال کو ناپسند کرتا ہے اسی وقت اجازت دیتا ہے کہ جب گزارے کی کوئی صورت ہی نہ رہے۔ ان کے امیر قوم مولوی محمد علی نے اپنی پہلی بیوی کو طلاق دی۔ وہ بیوی قادیان آئی تھی اُس کا بیان تھا کہ مولوی صاحب پڑھا کرتے تھے یاوکالت کی تیاری کر رہے تھے تو انہوں نے اسے طلاق دی اور کہا میں اِس وقت خرچ برداشت نہیں کر سکتابعد میں پھر شادی کر لوں گا۔ پھر وہ کہتی تھی کہ مولوی صاحب اب مجھ سے شادی کر لیں اور اُس عہد کو پورا کریں میں اپنے بعض حقوق بھی چھوڑنے کے لئے تیار ہوں۔ وہاں تو اَبْغَضُ الْحَلَالِ بھی اعلیٰ درجے کی چیز بن جاتی ہے اور یہاں وہ چیز بھی جس پر نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم اور صحابہ اور دوسرے انبیاء نے عمل کر کے بتایا بُری سمجھی جاتی ہے۔ اللہ تعالیٰ ہماری جماعت کو بچاوے۔ کرنا نہ کرنا اور چیز ہے لیکن اگر کوئی عورت یا اس کا رشتہ دار اس بات کو بُرا مانتا ہے تووہ اللہ تعالیٰ کی نافرمانی کرتا ہے۔ اللہ تعالیٰ ہماری جماعت کو اپنے سچے راستوں پر چلنے کی توفیق دے۔‘‘ آمین (الفضل ۱۴؍ مارچ ۱۹۱۶ئ)
۱؎ النسائ: ۴
۲؎ بخاری کتاب النکاح باب کثرۃ النساء
۳؎ مجموعہ اشتہارات جلد۱ صفحہ ۶۹،۷۰ مطبوعہ ۱۹۶۷ء
۴؎ البقرۃ: ۲۵۷
۵،۶؎ بخاری کتاب المناقب باب فضل عائشۃ رضی اللّٰہ عنہا
۷؎ سنن ابی داؤد کتاب الطلاق باب فی کراھیۃ الطلاق
۹
ترقی اسلام کے لئے کثرت سے دعائیں کرو
(فرمودہ ۱۷؍ مارچ ۱۹۱۶ئ)
تشہد،تعوذ اور سورۂ فاتحہ کے بعد حضو رنے مندرجہ ذیل آیت کی تلاوت کی:۔
۱؎
پھر فرمایا:۔
’’جن جماعتوں کا کام تبلیغ ہوتا ہے اور جو اپنے ذمہ خدا تعالیٰ کا پیغام دنیا کو پہنچانالیتی ہیں ان کے کام سے زیادہ مشکل دنیا میں اور کوئی نہیں ہوتا۔ کسی بات کے متعلق ہر ایک انسان اپنے علم، طاقت اور محنت سے کچھ نہ کچھ کام کر سکتا ہے لیکن کسی کے دل سے خیالات کا نکالنا اور ان کی جگہ نئے خیالات کا داخل کرنا کسی انسانی طاقت و ہمت کا کام نہیں ہے۔ ایک شخص جو تلوار لے کر اُٹھتا ہے وہ اس کے زور سے اپنے آگے آنے والے لوگوں کو ہٹا سکتا ہے۔ کیونکہ ان تک اس کا ہاتھ پہنچ سکتا ہے۔ اِسی طرح ایک ڈاکٹر ایک مریض کا علاج کرتا ہے کیونکہ اس کے لئے اس کے پاس سامان مہیاہیں بیماری کی علامتیں اس کو بتاتی ہیں کہ مریض فلاں عارضہ میں مبتلا ہے لیکن روحانی بیماریوں کی علامات کچھ ایسی باریک اور پوشیدہ ہوتی ہیں کہ اگر ایک انسان کی تشخیص کے لئے ہی ساری عمر خرچ کی جائے تب ممکن ہے کہ پتہ لگے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ اس کا دل اور اس کے خیالات پوشیدہ ہوتے ہیں اور چونکہ خیالات پوشیدہ ہوتے ہیں اس لئے جب تک ان کو معلوم نہ کیا جائے علاج نہیں ہو سکتا اور چونکہ پوشیدہ خیالات کا معلوم کرنا انسان کا کام نہیں ہے اس لئے اصلاح کرنا بھی اس کے اختیار میں نہیں ہے۔ بہت دفعہ ایسا ہوتا ہے کہ انسان بہت سوچ سمجھ کر کسی کے سامنے ایک بات اس لئے پیش کرتا ہے کہ اس کو ہدایت ہو جائے مگر بجائے اس کے کہ اس کو ہدایت ہو وہ زیادہ گمراہ ہوجاتا ہے اوربجائے قریب ہونے کے دور ہو جاتا ہے بجائے سمجھنے کے اس کی پہلی عقل بھی ماری جاتی ہے۔ بجائے ہدایت پانے کے ضلالت میں مبتلا ہو جاتا ہے۔ تو تبلیغ کا کام سب سے زیادہ مشکل کام ہے اور یہ اللہ تعالیٰ ہی کے اختیار میں ہے اور وہی اس کو کر سکتا ہے ا س لئے وہ جماعت جو خدا تعالیٰ کی طرف سے اس کام کو لے کر کھڑی ہوئی ہو اُس کے لئے ضروری ہے کہ اللہ تعالیٰ کے حضور گر جائے اور اس سے مدد چاہے کیونکہ دل کے خیالات جاننے والا اور ہدایت کا رستہ دکھانے والا صرف وہی ہے۔ وہی مبلغ کی زبان میں اثر ڈالتا ہے، وہی مبلغ کو ایسی باتیں سمجھا دیتا ہے جن سے سننے والوں کو ہدایت نصیب ہوتی ہے اور وہی علاج بتاتا ہے جس سے روحانی مریض شفا پا سکتے ہیں۔ میں نے حضرت مسیح موعودؑ کے زمانہ میں بیسیوں آدمیوں سے سنا ہے ۔ہوں گے تو ہزاروں مگر میں نے بیسیوں سے سنا ہے کہ ہم جو اعتراض اور شکوک اپنے دل میں لے کر آئے تھے حضرت مسیح موعود علیہ السلام نے جو کوئی اتفاقاً تقریر فرمائی تو اُس میں ہمارے سب اعتراضوں کے جواب آگئے اور ہمیں ہدایت نصیب ہو گئی۔ اس سے پتہ لگتا ہے کہ اللہ تعالیٰ جو عالم الغیب ہے۔ اس سے جب کسی انسان کو تعلق ہوتا ہے تو وہ خود اس کو ایسی باتیں بتا دیتا ہے اور اس کی زبان پر جاری کر دیتا ہے جس سے لوگوں کے شکوک رفع ہو جاتے ہیں اور وہ ہدایت پا لیتے ہیں۔ پس چونکہ یہ اللہ تعالیٰ کے اختیار میں ہے اس لئے مبلغ جماعت کے لئے ضروری ہے کہ وہ ہروقت دعائوں میں لگی رہے۔
ہماری جماعت کا کام اس زمانہ میں خدا تعالیٰ کا پیغام پہنچانا اور اس کے جلال اور عظمت کو ظاہر کرنا ہے اس لئے ہماری جماعت کو دعائوں پر بہت زور دینا چاہئے۔ بڑے بڑے لیکچرار کچھ کام نہیں کر سکتے۔ کیا عیسائیوں، آریوں، برہموئوںاور دہریوں میں بڑے بڑے لیکچرار نہیں ہیں؟ ضرور ہیں اور وہ ایسی چکنی چٹری باتیں کرتے ہیں کہ ایک صادق انسان بھی حیران ہو جاتا ہے کہ ان کا کیا جواب ہے۔ لیکن کیا ان کے ذریعہ کسی کو ہدایت نصیب ہو سکتی ہے؟ ہر گز نہیں۔ ہدایت دینا خدا تعالیٰ ہی کے اختیار میں ہے۔ جب تک وہ کسی کو ہدایت نہ دے کوئی اور سبیل نہیں ہو سکتی۔ اس لئے مبلغ کا کام ہے کہ وہ خدا تعالیٰ سے دعائیں مانگے اور یہ نہ صرف مبلغ کا کام ہے بلکہ ہماری جماعت کے ہر ایک فرد کا کام ہے۔ ہماری تمام جماعت تو تمام دنیا کے مقابلہ میں آٹے میں نمک اور دریا کے مقابلہ میں قطرہ بھی نہیں لیکن اس قلیل جماعت کا تمام دنیا سے مقابلہ ہے۔ اس صورت میں خیال تو کرو کہ تمہیں کس قدر چستی کی ضرورت ہے۔ لیکن میں دیکھتا ہوں کہ بہت لوگ غافل ہیں اور اپنی دعائوں میں اس بات کو بھول جاتے ہیں کہ دنیا کی ہدایت کے لئے دعا مانگنا بھی ہمارا فرض ہے۔ اور یہ بات بھی بھول جاتے ہیں کہ جو لوگ تبلیغ کے لئے کوشش کر رہے ہیں ان کو کس قدر مشکلات کا سامنا ہے اور کس قدر مدد کی ضرورت ہے۔ چندہ تو بہت لوگ دیتے ہیں مگر میں کہتا ہوں کہ تبلیغ میں کتنے کوشش کرتے ہیں۔ روپیہ سے تبلیغ نہیں ہوا کرتی بلکہ خدا کے فضل سے ہوتی ہے۔ اور اس فضل کو حاصل کرنے کے لئے ضروری ہے کہ ہر ایک احمدی خواہ مرد ہو یا عورت، بچہ ہو یا بوڑھا، چھوٹا ہو یا بڑا، سب مل کر خدا تعالیٰ کے حضور دعائوں میں لگے رہیں۔اگر تمام مل کر ایک دعا کریں تو کیونکر ممکن ہے کہ خدا تعالیٰ ان کی دعا کو رد کر دے۔خدا تعالیٰ تو بہت رحیم ہے لیکن افسوس کہ بہت لوگ اس کی شان کو نہیں سمجھتے۔ دیکھو بچہ جب کسی تکلیف میںماں باپ کو پکارتا ہے تو ان کے دل میں رحم پیدا ہو جاتا ہے۔ لیکن خدا تو انسان کے لئے ماں باپ سے بھی زیادہ پیار کرنے والا ہے اس کے حضور جب پکارا جائے تو وہ کیوں نہ رحم کرے۔
آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے خدا تعالیٰ کے انسان سے پیار کو ایک مثال سے بتایا ہے۔ ایک جنگ میں کچھ عورتیں قید ہو کر آئی تھیں۔ ان میں سے ایک کا بچہ اُس سے جدا ہو گیا۔ وہ اِس تلاش میں گھبرائی ہوئی اِدھراُدھر پھرتی تھی اور جب کسی بچہ کو دیکھتی تو اپنے بچہ کی یاد میں اسے اٹھا کر چھاتی سے لگا لیتی۔ جب اُس کو اپنا بچہ مل گیا تو اُسے چھاتی سے لگا کر آرام سے بیٹھ گئی۔ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ جس طرح اِس عورت کو اپنے بچہ سے محبت ہے اور جب تک وہ اسے مل نہیں گیا آرام سے نہیں بیٹھ سکی اِسی طرح بلکہ اس سے بھی بڑھ کر خدا تعالیٰ کو انسان سے محبت ہے۔۲؎ جب کوئی انسان اس سے جدا ہو جاتا ہے تو خدا تعالیٰ کو اس سے زیادہ درد ہوتا ہے جتنا کہ ماں کو اپنے بچہ کے کھوئے جانے سے ہوتا ہے اور جب کوئی انسان اس کی طرف جھکے توا سے ماں باپ سے زیادہ خوشی ہوتی ہے۔ اِس سے معلوم ہو سکتا ہے کہ خدا تعالیٰ کا انسان سے جب ایسا تعلق ہے تو اس کا رحم اور شفقت بھی اسی نسبت سے ہو گی۔ پس جب ایک ماں بچہ کی پکار پر بیتاب ہو جاتی ہے تو خدا تعالیٰ کے حضور جب لاکھوں انسان دن رات پکارنے پر لگے رہیں گے تو کیونکر ممکن ہے کہ خدا تعالیٰ ان کی دعا کو ردّ کر دے۔ ایک دن نہیں تو دوسرے دن، دوسرے دن نہیں تو تیسرے دن،تیسرے دن نہیں تو چوتھے دن کبھی تو قبول کرے گا۔ پھر ایک کی نہیں تو دوسرے کی، دوسرے کی نہیں تو تیسرے کی، تیسرے کی نہیں تو چوتھے کی، کسی نہ کسی کی تو سنے گا اور قبول کرے گا۔ پس خیال کرو کہ جہاں لاکھوں انسان دعائیں کرنے والے ہوں اور متواتر دن رات کرتے ہوں وہاں ضرور ہے کہ خدا تعالیٰ ان کی دعا قبول کرے۔ پس ہماری جماعت کے لوگوں کے لئے ضروری ہے کہ بہت توجہ سے دعائوں میں لگ جائیں اور جس طرح انسان کو اپنا نام یاد رہتا ہے یا اپنے ماں باپ یاد رہتے ہیں اسی طرح وہ اس بات کے لئے بھی دعائیں کرنے کو یاد رکھیں اور کسی وقت غافل نہ ہوں ورنہ اتنے بڑے مقابلہ میں ہم کہاں کامیاب ہو سکتے ہیں۔ ایک انسان کا سمجھانا ہی نہایت مشکل کام ہے چہ جائیکہ تمام دنیا کو سمجھایا جاسکے۔
ایک دفعہ یہاں ایک شخص آیا۔ عرب تھا۔ حضرت مسیح موعود علیہ السلام سے گفتگو کر تا رہا۔ آپ نے بہت سمجھایا مگر کچھ نہ سمجھا آخر آپ نے فرمایا یہ ضدی ہے اسے ہدایت نہیں ہو گی۔ جب آپ نے اُس کو چھوڑ دیا تو الہام ہوا کہ اُس کے لئے دعا کرو ہدایت پا جائے گا۔۳؎ آپ نے دعا کی اور دوسرے دن وہی باتیں سن کر جو پہلے سن چکا تھا اور جن سے اُسے کچھ اثر نہ ہوا تھا اس کا شرح صدر ہو گیا اور اس نے بیعت کر لی۔ پھر وہ یہاں سے چلا گیا اور خوب تبلیغ کرتا رہا۔ اس کے خط بھی آتے تھے تو دیکھو اُس نے ہدایت پائی مگر اِس طرح کہ جب خدا کی مدد آئی۔ پس جو کام دعا کرتی ہے وہ اور کوئی کوشش نہیں کر سکتی۔ کیونکہ خد ا تعالیٰ جس قدر انسان کے قریب ہے اتنا وہ خود بھی اپنے قریب نہیں ہے۔ چونکہ انسان کی ہدایت کے لئے وہی ہستی ہو سکتی ہے جو اس کے بہت قریب ہو اس لئے خدا ہی اسے ہدایت دے سکتا ہے۔
دیکھو ایک شخص ایک سیکنڈ میں کنویں میںگرنے والا ہو اگر کوئی ذرا دور سے اس کے بچانے کے لئے دَوڑے گا تو وہ گر جائے گا اور اگر کوئی پاس ہی کھڑا ہو تو وہ اسے بچا لے گا۔ یہی حال خدا تعالیٰ کا ہے خداتعالیٰ تو گرنے والے سے بھی زیادہ اس کے قریب ہے اس لئے اسی سے عرض کرنی چاہئے کہ آپ ہی ان گرنے والوں کو بچائیے۔ وہ لوگ جو ضلالت میں گر کر ہلاک ہو رہے ہیں ان کے لئے ضروری ہے کہ ہم خدا تعالیٰ کے حضور عرض کریں کیونکہ وہی ان کو بچا سکتا ہے۔ خدا تعالیٰ چونکہ اپنے بندوں کو انعام اور مدارج دینا چاہتا ہے اس لئے ان کے ذریعہ کام کراتا ہے ورنہ اصل میں وہ کرتا آپ ہی ہے۔ا نسان کا اپنی محنت اور کوشش پر بھروسہ کرنا بہت بڑی غلطی ہے۔ کیا ایک شخص تلوار لے کر کروڑ دو کروڑ کے لشکر میں چلا جائے تو کوئی خیال کر سکتا ہے کہ وہ ان پر فتح پا لے گا؟ ہرگز نہیں۔ حالانکہ تلوار کا مارنا آسان ہے بہ نسبت عقائد کے بدل دینے کے۔ پس جب انسان تلوار سے اتنے دشمنوں کو قتل نہیں کر سکتا تو اتنے لوگوں کے عقائد اور خیالات کو بدل دینا کہاں اس کی طاقت میں ہے۔ ہمارے جو مبلغ دیگر ممالک میں گئے ہوئے ہیں ان کی مشکلات کا اندازہ بھی اس سے ہو سکتا ہے کہ ان کے سامنے اتنے بڑے ملک میں اتنے مذاہب کا مقابلہ ہے اور وہ بھی ایسی صورت میں جبکہ اسلام بہت سی قربانیاں چاہتا ہے۔ ایک چھوٹے سے مذہب کے پھیلانے میں بہت آسانی ہے کیونکہ اس کے لئے کوئی قربانی نہیں کرنی پڑتی۔ پھر اس کے پیروئوں کو لوگوں کے کھینچنے کے لئے کسی قسم کے سامان میسر ہیں مگر ہمارے پاس تو وہ سامان بھی نہیں اور نہ اسلام میں وہ آسانیاں ہیں جو ایک اور مذہب میںہو سکتی ہیں ہمارے پاس تو صرف صداقت ہی ہے۔ لیکن جو شخص گمراہی میں پڑا ہوا ہو اُس کو اُس وقت تک یہ بھی نظر نہیں آتی جب تک اللہ تعالیٰ ہی اُس کو نہ دکھا ئے اِس لئے ہمیں اگر کوئی چیز کامیاب کر سکتی ہے تو وہ دعا ہے اور جب دعا قبول ہو جائے تو پھر لاکھوں انسان فوراً ہدایت پا لیتے ہیں۔ صحابہ کرام بھی تبلیغ کرتے تھے مگر ان کی اصل تبلیغ دعا ہی تھی۔ میں یہ دیکھ کر حیران ہو جاتا ہوں کہ چند سال میں کس طرح کروڑوں انسان مسلمان ہو گئے لیکن سوائے اس کے نہیں کہ دعائوں کے ذریعہ ہوئے ورنہ اُس وقت تو بہت دِقتیں تھیں۔ جب کوئی مسلمان ہوتا تو اسے جان دینے کے لئے نکلنا پڑتا، زکوٰۃ کے علاوہ اور ٹیکس بھی ادا کرنے پڑتے، اپنی عادتیں چھوڑنی پڑتیں، خیالات بدلنے پڑتے، رشتہ داروں اور عزیزوں سے منہ موڑنا پڑتا مگربا وجود اس کے ایک قلیل عرصہ میں کروڑوں انسان اسلام لے آئے۔ اس کے متعلق سوائے اس کے اور کیا کہا جا سکتا ہے کہ صحابہ کرام نے دعائیں کیں اور خدا تعالیٰ نے ان کی دستگیری فرمائی۔ ہماری جماعت کی ترقی کا باعث بھی دعائیں ہی ہو سکتی ہیں۔ جب تک دعائوں پر ایسا زور نہ دیا جائے گا کہ اپنی مجموعی اور انفرادی دعائوں میں، رات اور دن کی دعائوں میں اسلام کے پھیلنے کے لئے دعائیں کی جائیں اس وقت تک ترقی مشکل ہے۔ اور جو ترقی کی اب رفتار ہے اگر یہی رہی تو کئی لاکھ سال کی ضرورت ہے مگر اتنی تو کسی قوم کی عمر بھی نہیں ہوتی۔ دیکھو آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کے قائم کردہ سلسلہ کے لئے تیرہ سَو سال کے بعد جب ایک ایسے مصلح کی ضرورت پڑی جس نے ایک نئی قوم کی بنیاد ڈالی تو اور کونسا سلسلہ ہو سکتا ہے جو اتنے لمبے عرصہ تک چلا جائے گا۔ پس اس بات کی ضرورت ہے کہ اشاعت ِاحمدیت کے لئے وہی طریق اختیار کیا جائے جو پہلے لوگوں نے اختیار کیا تھا۔
قرآن کریم سے معلوم ہوتا ہے کہ تمام انبیاء نے دعائیں کیں۔ باوجود اس کے کہ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی زبان پر جو اثر تھا وہ اور کسی کی زبان میں نہ ہو اور نہ ہو سکتا ہے مگر آپ بھی دعائوں میں ایسے مشغول ہوتے کہ خدا تعالیٰ نے بھی فرمایا ہے ۴؎ شائد توا ن کے ایمان نہ لانے کی وجہ سے اپنے آپ کو ہلاک کرے گا۔ پس جب آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم دعائوں میں ایسے مشغول ہوتے تو ہمارے لئے کتنی ضرورت ہے۔ ہماری جماعت کے کم لوگوں نے اس بات کو اپنے لئے فرض سمجھا ہے اور جنہوں نے سمجھا ہے انہوں نے کم سمجھا ہے۔ اس لئے میں سب لوگوں کو جگاتا ہوں اور ہوشیار کرتا ہوں کہ اپنی سب دعائوں سے مقدم اِس دعا کو رکھو۔ جب بھی کوئی دعا کرو چلتے پھرتے، اُٹھتے بیٹھتے، سوتے جاگتے یہ دعا ضرور کرو تب کامیابی ہو سکتی ہے ورنہ جو مشکلات ہیں اُن پر غالب آنا آسان کام نہیں۔ ایک طرف لاہوری ہمارے راستے میں روک ہیں۔ ہمارے مبلغ جہاں جاتے ہیں وہاں ہی ان کے آدمی پہنچ کر ہمارے خلاف لوگوں کو بھڑکاتے ہیں۔ دوسرے تمام دنیا سے ہمارا مقابلہ ہے اس لئے کئی قسم کی تکلیفیں درپیش ہیں۔ کہیںجائیدادیں چھینی جاتی ہیں، کہیں نکاح فسخ کرائے جاتے ہیں، کہیں لڑکوں کو سکولوں سے روکا جاتا ہے۔ اِسی طرح کی اور بہت سی تکلیفیں ہیں۔ ایسا معلوم ہوتا ہے کہ یہ لوگ کچھ عرصہ سو گئے تھے اور اب پھر جاگے ہیں اس لئے سمجھ لو کہ ہمارے لیے کس قدر جاگنے کی ضرورت ہے۔ پس تمام جماعت کو چاہئے کہ دعائوں میں لگ جائے۔ جب خدا تعالیٰ کی طرف سے نصرت اور تائید آتی ہے تو کوئی چیز مقابلہ میں نہیں ٹھہر سکتی۔ کیا کبھی کسی نے دیکھا ہے کہ سیلاب آیا ہے اور اسے گھاس پھونس نے روک لیا ہو۔ ہر گز نہیں۔ خدا تعالیٰ کا فضل تو سیلاب سے بھی زیادہ زور کے ساتھ آتا ہے اس کے مقابلہ کی کسی کی کیا طاقت ہو سکتی ہے۔ پس اِس نسخہ کو استعمال کرو۔ دعا خدا کے فضل کو کھینچتی ہے اور خدا کے فضل کا کوئی مقابلہ نہیں کر سکتا۔
خدا تعالیٰ اِن لوگوں کو جو دعائوں میں سست ہیں تو فیق دے تاکہ ہم سب مل کر دعائیں کریں اور خدا تعالیٰ ہماری مشکلات کو دور کر کے ہماری کوششوں کو مؤثر بنائے۔ ‘‘آمین۔
(الفضل ۲۵؍ مارچ ۱۹۱۶ئ)
۱ ؎ البقرۃ: ۱۸۷
۲؎ بخاری کتاب الادب باب رحمۃ الواحد
۳؎ اخبار الحکم جلد۱۷ نمبر ۱۲ مورخہ ۳۱ مارچ ۱۹۰۳ء
۴؎ الشعرائ: ۴
۱۰
فروعی مسائل میں جھگڑے نہ کرو
(فرمودہ ۲۴؍ مارچ ۱۹۱۶ئ)
تشہّد، تعوّذ اور سورۃ فاتحہ کے بعد حضور نے مندرجہ ذیل آیات کی تلاوت کی:۔
۱؎
پھر فرمایا:۔
’’اللہ تعالیٰ کا ہم پر بہت بڑا فضل ہؤا ہے کہ مسلمان بالکل پراگندہ ہو گئے تھے ان میں سے ہر ایک شخص دوسرے کے مخالف چل رہا تھا کسی کا کسی سے کوئی اتحاد، کوئی محبت، کوئی پیار اور کوئی تعلق نہیں تھا بلکہ میں کہہ سکتا ہوں کہ کہلاتے تو تھے مسلمان مگر اسلام کوئی نہ تھا۔ ہر شخص کا مذہب علیحدہ تھا۔ لوگ چھِلکے کے پیچھے پڑے ہوئے تھے اور مغز کی کسی کو فکر نہ تھی۔ درخت کے اوپر فدا ہو رہے تھے مگر درخت ایسا تھا جو پھل نہیں دیتا تھا۔ وہ سواری کے پیچھے پڑے ہوئے تھے مگر یہ کسی کو فکر نہ تھی کہ منزلِ مقصود پہنچنا بھی ہے یا نہیں ۔ ہر ایک کی مذہبی پہلو سے حالت بدترین ہو رہی تھی۔ اور یہ کوئی دور کی بات نہیں، وہ لوگ جنہوں نے یہ نہیں دیکھا اب جا کر غیر احمدیوں کو دیکھ لیں کہ ان کا کیا مذہب ہے، کیا طریق ہے، کیا رنگ ہے، کیا ڈھنگ ہے۔ نہ تو ان میں اسلام ہے اور نہ کوئی مسلم ہے۔ ہر شخص کی رائے اُس کا مذہب اور ہر شخص کا خیال اُس کا دین ہے۔
ایسی دردناک حالت میں اللہ تعالیٰ نے اپنے فضل وکرم سے جیسا کہ اس کی قدیم سے سنت ہے ایک ایسے انسان کو مبعوث فرمایا جس کے کلام کو اپنا کلام اور جس کے فیصلہ کو اپنا فیصلہ قرار دیا۔ اس انسان کے ذریعہ وہ مذہب جس کی اس طرح حالت ہو گئی تھی جس طرح ریت میں دریا خشک ہو جاتا ہے اسی طرح نمودار ہو گیا۔ جس طرح ریت کے اوپر بہنے والا دریا لہریں مارتا ہے۔ لوگوں نے سمجھ لیا تھا کہ یہ دریا خشک ہو گیا ہے مگر خدا تعالیٰ نے اپنے ایک بندے ہی کے ذریعہ بتا دیاکہ خشک نہیں ہؤا لوگوں نے اس پر مٹی ڈال کر اُسے چھپا دیا تھا ورنہ وہ تو اسی زورو شور سے جاری ہے جس طرح پہلے تھا۔ سوا للہ تعالیٰ کے فضل وکرم سے وہ مذہب جو شکوک وشبہات سے پُر ہو گیا تھا۔ پھر یقین اور اطمینان دلانے والا ہو گیا اور وہ جماعت جو پراگندہ ہو چکی تھی بلکہ جماعت کہلانے کی مستحق ہی نہ رہی تھی اُس کو خدا تعالیٰ نے ایک جماعت بنا دیا۔ یہ خدا تعالیٰ کا ایک فضل تھا جس کی قدر وہی کر سکتا ہے جس کی آنکھیں ہوں اور جس نے دیکھا ہو کہ قومیں کس طرح ہلاک اور تباہ ہؤ ا کرتی ہیں۔ پھر اُس شخص کو اِس کی قدر ہو سکتی ہے جو تاریخ سے واقف ہواور یہ بھی جانتا ہو کہ اسلام کس حالت میں ہو گیا تھا جسے حضرت مسیح موعودؑ نے آکر کھڑا کیا ہے۔ گویا اسلام کو کھڑا کرنا قبر میں ڈالے ہوئے مُردے سے بھی بڑھ کر تھا۔ نادان سمجھتے ہیں کہ خدا مُردہ جسم کو زندہ نہیں کر سکتا۔ انسان جب ایک دفعہ مر جاتا ہے اور اس کی زندگی ختم ہو جاتی ہے تو پھر کبھی زندہ نہیں ہو سکتا۔ لیکن اگر وہ اپنی آنکھیں کھو لیں ور اس بات پر غور و فکر کریں تو انہیں معلوم ہو جائے کہ کسی مُردہ کے زندہ کرنے سے کسی قوم کازندہ کرنا نہایت مشکل ہے۔ مُردہ انسان آسانی سے زندہ ہو سکتا ہے بہ نسبت اس کے کہ ایک قوم مر جائے اور اس کو زندہ کیا جائے۔ اس دلیل کو خدا تعالیٰ نے قرآن کریم میں بیان فرمایا ہے کہ دیکھو ہم ایک مُردہ قوم کو زندہ کریں گے اور یہ اس بات کا ثبوت ہو گا کہ ایک دن ہم مُردہ انسان کو بھی زندہ کریں گے۔
تو یہ خدا کا بڑا ہی فضل ہے کہ مسلمان جو ایک مُردہ قوم تھی اس میں سے ایک زندہ قوم کھڑی ہو گئی اِس لئے خدا تعالیٰ کا جتنا بھی شکر کیا جائے تھوڑا ہے لیکن کئی ایسے آدمی ہیں جب ان پر کوئی مصیبت پڑتی ہے تو گھبرا جاتے ہیں اور کہہ اٹھتے ہیں کہ کس طرح یہ مصیبت دور ہو گی۔ ایسے لوگوں کو میں کہتا ہوں کہ جائو ان لوگوں کو دیکھو جو مسلمان کہلاتے ہیں اور اسلام کا دعویٰ کرتے ہیں۔ ان کا دل توا لگ رہا ان کی زبانیں بھی اس بات کے لئے گواہی دے رہی ہیں کہ اسلام مر چکا ہے اس میں باکل جان نہیں ہے اور وہ اس قدر مایوس ہو گئے ہیں کہ کہتے ہیں اب کوئی اسلام کو زندہ نہیں کر سکتا۔ چونکہ وہ اپنے دلوں کو مردہ دیکھتے ہیں۔ علماء صوفیاء اور گدی نشینوں کو مردہ پاتے ہیں۔ اپنے امراء اور رشتہ داروں کو دیکھتے ہیں کہ دین کی طرف سے مردہ ہو گئے اس لئے وہ نا امید ہو چکے ہیں اور یہ بات بالکل ٹھیک ہے کہ ان کے گھروں میں نہ ان کے بازاروں میں نہ ان کی مسجدوں میں نہ ان کے حجروں میں کہیں بھی زندہ خدا کا نام نہیں ہے وہ خدا کا نام لیتے ہیں مگر صرف زبان سے، وہ خدا کا کلام پڑھتے ہیں مگر صرف زبان سے،ان کا جسم چلتا پھرتا نظر آتا ہے مگر اصل میں گوشت کی قبر ہے جس میں ان کی مردہ روح پڑی ہے۔ ایسے نظارہ کو دیکھ کر اگر وہ کہتے ہیںکہ اسلام کے لئے کوئی زندگی نہیں ہے تو ٹھیک کہتے ہیں کیونکہ ان کی حالت ہی یہاں تک پہنچ چکی ہے۔
لیکن باوجود اِس کے خدا تعالیٰ نے اپنا ایک برگزیدہ انسان بھیج کر ایک ایسی جماعت تیار کر دی ہے جس کے دل زندہ اور روح زندہ ہے ،جس کی ہمت بلند اور حوصلہ پختہ ہے۔ ہر ایک وہ شخص جو حضرت مسیح موعود علیہ السلام پر ایمان لاتا اور دل سے یقین رکھتا ہے گو اس کے پاس مال نہیں، دولت نہیں حتیٰ کہ سونے کے لئے اپنی جگہ بھی نہیں، وہ جب سوتا ہے تو یہی سمجھتا ہے کہ صبح ہمارے لئے کوئی عظیم الشان فتح کی خوشخبری لائے گی اور سارا دن محنت مشقت کرتا ہے اور شا م کے وقت اتنا نہیں کما سکتا کہ اُس کے بال بچے پیٹ بھر کے کھائیں مگر شام کے لئے اس کا دل خوشی سے اُچھلتا ہے اور وہ سمجھتا ہے کہ یہ دن نہیں ڈوبے گا جب تک کہ میں خوشی کی کوئی بات نہیں سن لوں گا۔ وہ سب سے زیادہ مصیبت زدہ اور مشکلات میں گھبرایا ہوا ہو کر خوشخبری اور کامیابی کا امیدوار ہے یہ کیا بات ہے؟ یہی کہ زندہ قوم ہے اور خدا تعالیٰ کی طرف سے جو زندگی کا بگل پھونکا گیاتھا یہ اس کے ذریعہ کھڑی ہوئی ہے یہی وجہ ہے کہ اِس طرف اس قدر امید ہے اور اُس طرف ایسی مایوسی۔
اب اگر کوئی اس زندہ قوم کو مارنا چاہے توا سے سمجھ لینا چاہئے کہ وہ کتنے بُرے فعل کے ارتکاب کا اردہ رکھتا ہے۔ ایک مومن کے قتل کرنے کی سزا خدا تعالیٰ یہ فرماتا ہے ۲؎ کہ اس کی سزا جہنم ہے لیکن جو ایک قوم کو مارتا ہے اس کو سمجھ لینا چاہئے کہ اس کے لئے کتنا بڑا عذاب ہو گا۔ مگر بہت ہیں جو کسی انسان کے قتل کرنے کی دلیری نہیں کریں گے اور ۹۹ فیصدی ایسے ہو ں گے کہ جب ان کو قتل کرنے کی ترغیب دی گئی ہو توا ن کے دل دھڑکنے لگ جائیں اور کپکپی شروع ہو جائے۔ مگراس کے مقابلہ میں کتنے افسوس کی بات ہے کہ ایسے بہت کم انسان ملیں گے جو زندہ قوموں کے مارنے سے ڈریں حالانکہ اس فعل کی سزا انہیں بہت ہی بڑھ کر ملے گی۔ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم فرماتے ہیں کہ سوئے ہوئے فتنے کو جگانے والے پر خدا کی *** ہو۔۳؎ ایک زمانہ میں فتنہ بھی سو جاتا ہے۔ جس طرح نور اور ظلمت اکٹھے نہیں ہو سکتے جہاں ظلمت ہو گی وہاں نور نہیں ہو گا اور جہاں نور ہو گا وہاں ظلمت نہیںہو گی اسی طرح جس وقت خدا تعالیٰ کا نور کسی قوم کو زندہ کرتا ہے تواس وقت ظلمت یعنی فتنہ سو جاتا ہے اور فتنہ اس وقت جاگتا ہے کہ جب اس کا مقابلہ کرنے کے لئے نور موجود نہیں ہوتا اور جب نور موجود ہو خواہ کتنا ہی تھوڑا ہو اس وقت ظلمت مقابلہ پر نہیں ٹھہر سکتی تو سوئے ہوئے فتنہ کو جگانے سے یہی مراد ہے کہ جب کوئی نبی آتاہے اور ایک ایسی جماعت تیار کر جائے جو راستی اور حق قائم کرنے والی ہوتی ہے تو فتنہ سو جاتا ہے۔ ایسے وقت میں بعض لوگ اس جماعت کو پراگندہ کرنے کی کوشش کرتے ہیں اور یہی سوئے ہوئے فتنہ کو جگانا ہے۔ اِسی کے متعلق آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا ہے کہ اس زمانہ میں فتنہ سویا ہوا ہے اب اگر کوئی اسے جگائے تو اس پر خدا کی *** ہو۔ آپؐ نے اس کے لئے یہ بددعا کی ہے۔ حدیثوں سے معلوم ہوتا ہے کہ آپؐ نہ کسی کو گالی دیتے تھے اور نہ کسی پر *** بھیجتے تھے۔ پس جب آپ نے ایسے شخص پر *** کی ہے تو معلوم ہوا کہ وہ بہت ہی خطرناک گناہ گار ہے۔ تو فتنہ کے جگانے والا اور زندہ قوموں کے مارنے والا بہت ہی خطرناک انسان ہے۔
مسلمانوں کی اِس وقت کی حالت دیکھو کیسی تاریک ہے۔ مساجد میں اوّل تو کوئی داخل ہی نہیں ہوتا اور اگر ہوں تو چھوٹی چھوٹی باتوں پر ایسے فساد اور جھگڑے ہوتے ہیں کہ خدا کی پناہ۔ التحیات میں اگر کوئی انگلی اٹھاتا تو اسکی انگلی توڑ دی جاتی، اگر کوئی آمین بِالجہر کہتا ہے توا س کی شامت آجاتی۔ مارنے لگ جاتے ہیں اورکہتے ہیں کہ کتا بھونکتا ہے۔ حالانکہ انہوں نے نہ دیکھا کہ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم بھی آمین بِالجہر فرمایا کرتے تھے۴؎ پھر بعض جگہ اگر کسی نے آمین دل میں کہی تو کہہ دیا کہ مردے قبروں میں پڑے ہیں حالانکہ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم سے یہ بھی ثابت ہے اور صحابہ کرام سے بھی ثابت ہے۔ غرض بہت چھوٹی چھوٹی باتوں پر اختلاف اور جھگڑے شروع ہو جاتے تھے۔
خدا تعالیٰ نے ان باتوں کو حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے ذریعہ دُور کیا۔ ہماری مساجد میں حضرت مسیح موعودؑ کے وقت اور اب بھی ایک ہی صف میں ایسے آدمی ہوتے ہیں جن میں سے کوئی آمین بِالجہر کہتا ہے اور کوئی دل میں کوئی رفع یدین کرتا ہے اور کوئی نہیں۔ اسی طرح گو کم رہ گئے ہیں تاہم ابھی تک ایسے بھی لوگ ہیں جو ناف کے ینچے ہاتھ باندھتے ہیں لیکن کوئی کسی پر اعتراض نہیں کرتا۔ کیوں؟ اِس لئے کہ یہ ایسی باتیں نہیں ہیں جن پر جھگڑا کیا جائے اور اگر کوئی ایسا کرتا ہے تو وہ سوئے ہوئے فتنہ کو جگاتا ہے۔
میں نے یہ جو آیتیں پڑھی ہیں ان میں خدا تعالیٰ نے مسلمانوں کو اسی طرف متوجہ کیا ہے کہ وہ باتیں جو اصول دین سے تعلق نہ رکھنے کے باوجود جماعت میں اختلاف کا باعث ہوں ان پر جھگڑا نہیں چاہئے۔ فرمایا۔ اے مومنو! ایک وقت تم پر ایسا آتا ہے جبکہ تم دشمن کے مقابلہ میں کھڑے ہوتے ہو۔ اس وقت تمہیں چاہئے کہ تمہاری ساری توجہ دشمن کے مقابلہ پر جم کر کھڑے رہنے کی طرف ہو اور خدا کے حضور بہت دعائوں میں لگے رہو (ذکر کے معنی تسبیح و تمجید کے بھی ہیں اور یاد کرنے سے مراد پکارنا بھی ہوتا ہے جیسے کہ اُردو میں بھی محاورہ ہے) اس کا نتیجہ یہ ہو گا کہ تم کامیاب اور مظفر و منصور ہو جائو گے اور یہ بھی یاد رکھنا کہ ایسے وقت میں خدا اور اس کے رسول کی اطاعت کرنا اور آپس میں کسی قسم کا جھگڑا نہیں کرنا۔ یہاں خدا اور اس کے رسول کی اطاعت کے ساتھ ہی یہ حکم دیا ہے اس سے معلوم ہوتا ہے کہ یہ جھگڑا مذہبی معاملات کے متعلق ہی ہے۔ فرمایا اس کا نتیجہ یہ ہو گا کہ تم کمزور ضعیف ہو جائو گے، تمہاری طاقت، تمہارا رُعب مٹ جائے گا۔ ریح کے معنی ہر پاکیزہ اور عمدہ چیز (۲) قوت (۳) غلبہ (۴) خوشی کے ہیں۔ اس لئے یہ معنی ہوئے کہ اگر تم آپس میں جھگڑا کرو گے تو تمہاری خوشی، غلبہ، قوت مٹ جائے گی اور تمہارے اندر کوئی اچھی بات نہ رہے گی۔
ہر ایک کام کے لئے ایک وقت ہوتا ہے۔ خدا تعالیٰ فرماتا ہے کہ جب تم دشمن کے مقابلہ پر کھڑے ہو تو اُس وقت اگر کوئی مذہبی اختلاف ہو جائے تو اُس پر جھگڑنا نہیں بلکہ اس وقت تمہارے یہی مدنظر ہونا چاہئے کہ جس طرح بھی ہو سکے دشمن کو کچل دیا جائے کیونکہ ایسی چھوٹی چھوٹی باتوں کے فیصلہ کا وہ وقت ہوتا ہے جبکہ دشمن مقابلہ سے بھاگ جائے اور امن و اطمینان حاصل ہو جائے۔
ہاں ایسی باتیں جن کی وجہ سے دین میں حرج واقعہ ہوتا ہو تو اُن کا فیصلہ ایسے موقع پر بھی کر لینا ضروری ہے۔ مثلاً کوئی شخص نماز نہ پڑھے اور جب اسے کہا جائے کہ نماز پڑھو تو کہہ دے کہ دیکھو! یہ دشمن سے مقابلہ کا وقت ہے اِس وقت یہ بات کر کے اختلاف میں نہ ڈالو تو ایسے شخص کا مقابلہ کرنا چاہئے کیونکہ وہ مسلمان نہیں بلکہ دشمن اسلام ہے۔ قرآن شریف سے معلوم ہوتا ہے کہ امرو نہی کے متعلق مسلمانوں کو سخت تاکید کی گئی ہے اورخدا تعالیٰ نے یہودیوں کی تباہی کی ایک یہ وجہ بھی بتائی ہے کہ وہ ایک دوسرے کو امربِالمعروف و نہی عن المنکر نہیں کیا کرتے۔ پس جبکہ ایک طرف خدا تعالیٰ یہ حکم دیتا ہے اور دوسری طرف یہ بھی فرماتا ہے اور یہ بھی دین کے متعلق ہے۔ پھر رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم امت محمدیہ کی تباہی کا وہی وقت بتاتے ہیں جبکہ علماء اَمْر بِالْمَعْرَوْف وَنَہِی عَنِ الْمُنْکَر کا وعظ چھوڑ دیں گے۔ تو بظاہر اس میں اختلاف معلوم ہوتا ہے۔ مگر غور کرنے سے معلوم ہوتا ہے کہ وہ باتیں جو قوم میں اختلاف کا باعث ہو کر اس کی تباہی کا موجب ہوتی ہیں اور فروعی مسائل سے تعلق رکھتی ہیں انہیں اس وقت تک چھوڑ دینے کا حکم ہے جب تک دشمن پر کامیابی نہ حاصل ہو جائے۔ پہلے بڑا کام دشمن کا مقابلہ ہے اس کے بعد چھوٹی چھوٹی باتوں کو دیکھا جائے گا۔ ان دونوں قسم کے احکام کے ملانے سے معلوم ہوتا ہے کہ وہ بڑے بڑے دینی مسائل جو اصولِ دین سے، عقائد سے، عبادات و سیاست اسلامیہ سے تعلق رکھتے ہیں یا ان کا اثر ایسے مسائل پر پڑتا ہے جن سے اسلام میں رخنہ پڑ سکتا ہے ان سے روکنے کا حکم ہے کیونکہ ایسے لوگ مسلمان نہیں بلکہ دشمن اسلام ہیں۔ مگر جو ایسے مسائل ہوں جن کا نہ روحانیت پر اثر پڑتا ہو اور نہ جن سے دین میں حرج واقعہ ہوتا ہو ایسے مسائل کو چھیڑنے والا سوئے ہوئے فتنہ کو جگاتا ہے۔
ہماری جماعت میں اس قسم کا کوئی فتنہ نہ تھا مگر اب پھر جھگڑے شروع ہو گئے ہیں۔ باہر سے خط آتے ہیں رفع یدین کرنا چاہئے یا نہیں؟ آمین اُونچی آواز سے کہنی چاہئے یا دل میں؟ اگر کوئی آمین اونچی آواز سے نہ کہے تو کہتے ہیں مردہ کھڑے ہیں۔ حالانکہ وہ نہیں دیکھتے کہ اگر وہ مردہ ہیں تو نعوذ باللہ حضرت مسیح موعود علیہ السلام بھی مردہ ہی ہوئے کیونکہ کان لگا کر سننے والے بھی آپ کی آمین کی آواز کو نہیں سن سکے۔ پھر وہ نہیں جانتے کہ ان کے الفاظ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم، آپ کے صحابہ کرام اور حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے صحابہ تک پہنچتے ہیں۔
حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے پیچھے نماز پڑھنے والے بہت ایسے تھے جو آمین اُونچی آواز سے نہیں کہتے تھے لیکن آپ نے کبھی ان کو کہنے کے لیے نہیں کہا اور بہت ایسے تھے جو اونچی آواز سے کہتے تھے مگر آپ نے کبھی اُن کونہیں روکا۔
ہماری جماعت کے لئے تو ایسے مسائل پر جھگڑنے کی کوئی وجہ ہی نہیں کیونکہ وہ انسان جس کو آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے حَکَم عَدل فرمایا اور جس کو خدا تعالیٰ نے یہ الہام کیا۔ قُلْ اِنْ کُنْتُمْ تُحِبُّوْنَ اللّٰہَ فَاتَّبِعُوْنِیْ یُحْبِبْکُمُ اللّٰہِ ۵؎ اسے مسیح موعود لوگوں کو کہہ دو کہ اگر تم اللہ سے محبت کرنی چاہتے ہو توا ُس کا یہی طریق ہے کہ میری اتباع کرو۔ ایسے انسان کا کوئی حکم نہ مانے گا تو اور کس کا مانے گا۔ آپ نے ان سب باتوں کے متعلق فیصلہ کر دیا ہے کہ قرآن کریم میں جو صریح احکام ہیں اُن کو مانو اور حدیث کے صریح احکام کو مانو۔ا گر حدیث میں کوئی ایسا حکم ہے جو کسی اصولِ دین کے خلاف ہو تو وہ درست نہیں ہو سکتا۔ اس کو قرآن شریف پر عرض کرو۔ اگر قرآن کریم اس کی تصدیق کرے تو قبول کر لو اور اگر ردّ کرے تو ردّ کردو۔ پھر فروعات کے متعلق آپ کا فیصلہ ہے کہ اگر کسی بات کے متعلق ایک ہی عمل موجود ہے تو اسی طرح ٹھیک ہے اور اگر مختلف ہیں تو معلوم ہوا کہ مختلف اوقات اور مختلف حالات کے ماتحت مختلف طریق ہی رائج رہے ہیں اور چونکہ اس ملک میں امام ابوحنیفہؒ کے پیروزیادہ ہیں اس لئے ایسے امور میں اپنی رائے پرا ن کے فیصلہ کو ترجیح دے لو۔ تاکہ فروعی باتوں کی وجہ سے جھگڑا نہ ہو ورنہ امام ابوحنیفہؒ کوئی نبی یا رسول یا حَکم یا مأمور نہ تھے کہ ضرور انہی کی بات مانی جائے جیسے میری رائے ویسی ان کی رائے ہے۔ پس جب حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے وقت دونوں طریق سے آمین کہی جاتی رہی ہے اور یہ بات ثابت ہے تو معلوم ہوا کہ دونوں طریق سے جائز ہے۔ آپ نے اس کے متعلق فرمایا ہے کہ بعض انسانوں کو جوش ہوتا ہے اس لئے وہ اُونچی آواز سے آمین کہتے ہیں اور بعض کی طبیعت میں انکسار ہوتا ہے ان کو دل ہی میں کہنے سے مزا آتا ہے۔ اور چونکہ طبائع مختلف ہوتی ہیں اس لئے شریعت نے دونوں طریق سے جائز رکھا ہے۔ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کے وقت میں بھی ایسا ہی ہوتا تھا۔ ایسے ہی مسائل کے متعلق جھگڑا کرنا خدا تعالیٰ کے غضب کا موجب ہوتا ہے اور انہیں کے متعلق خدا تعالیٰ فرماتا ہے۔ جھگڑا نہ کرو۔
وہ لوگ جو ایسے مسائل میں جھگڑا کرتے ہیں وہ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی احتیاط کو دیکھیں۔ کعبہ کے اِردگرد کچھ زمین ہے جو کعبہ کی چھت میں شامل نہیں مگر حج کے موقع پرطواف کے وقت اُس کے گرد ہی گُھوما جاتا ہے۔ حضرت عائشہؓ نے آپ سے عرض کی میں کعبہ میں نماز پڑھنا چاہتی ہوں تو آپؐ نے فرمایا کہ اسی جگہ پڑھ لو۔ یہ بھی خانہ کعبہ کی چار دیواری کے اندر ہے۔ آپ کی احتیاط دیکھو۔ آپ نے فرمایا۔ا ے عائشہؓ! اگر تیری قوم نئی نئی مسلمان نہ ہوئی ہوتی تو میں کعبہ کے احاطہ کو توڑ کر اس کو اِسی میں شامل کر دیتا اور دو دروازے بنا دیتا ایک سے لوگ داخل ہوتے اور دوسرے سے نکل جاتے۔۶؎ تو باوجود اس کے کہ وہ جگہ کعبہ میں شامل تھی اور جب قریش نے کعبہ کا احاطہ بنانے کے لیے چندہ جمع کیا تو چندہ کے تھوڑا ہونے کی وجہ سے ساری جگہ کو احاطہ میں شامل نہ کیا جا سکا اور جو جگہ بچ رہی اُس پر نشان لگا دئیے مگر آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے بھی اس کو شامل نہ کیا۔ پھر علماء کی احتیاط دیکھو بعد میں ا س پر عمارت بنا دی گئی لیکن جب بنو امیہ کی حکومت ہوئی تو اس عمارت کو گرا کر پہلی طرح ہی کر دیا گیا اور کہا کہ جس کام کو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے نہیں کیا اُسے کوئی اور کیوں کرے۔ اس کے بعد جب عباسی حکومت کا دَور آیا تو ایک بادشاہ نے امام سے پوچھا کہ کیا اس زمین کو بھی شامل کر لیا جائے؟ تواس نے کہا کہ اصل کعبہ تو اتنا ہی ہے جتنی جگہ پر نشان لگے ہوئے ہیں مگر اس کو بچوں کاکھیل نہ بنائو اِسی طرح رہنے دو جس طرح بنا ہؤا ہے۔ا گر تم نے اس کو شامل کر لیا تو کوئی اور آئے گا جواس کو گرا دے گا۔ یہ احتیاط تھی جو کعبہ کے متعلق کی گئی۔ آمین کا مسئلہ اس کے مقابلہ میں کیا حیثیت رکھتا ہے تو اس کے اختلاف کرنے والے سوئے ہوئے فتنہ کو جگانے والے ہوتے ہیں۔
آمین اُونچی آواز سے کہنا یا نیچی سے، رفع یدین کرنا یا نہ کرنا، اُنگلی اُٹھانا یا نہ اُٹھانا، ان سب باتوں کے متعلق حضرت مسیح موعود علیہ السلام نے فیصلے کر دئیے ہیں جو شخص آپ کو مسیح موعود مانتا ہے وہ آپ کے فیصلوں کو قبول کر ے گا اور جو فیصلوں کو قبول نہیں کرتا وہ جھوٹ بولتا ہے کہ میں آپ کو مانتا ہوں۔
ہماری جماعت کو بہت محتاط ہونا چاہئے۔ حضرت مسیح موعود علیہ السلام نے محدثین کی بہت قدر کی ہے۔ آپ نے بخاری کو اَصَحُّ الْکُتُبِ بَعْدَ کِتَابِ اللّٰہِ الْبَارِیْ۷؎ قرار دیا ہے۔ جو شخص امام بخاری رحمۃ اللہ علیہ کی ہتک کرتا ہے وہ توبہ کرے کیونکہ یہ بہت بُرا کام ہے۔امام بخاریؒ نے جو کچھ لکھا ہے وہ اپنی طرف سے نہیں بلکہ خدا اور اس کے رسول کی طرف سے لکھا ہے ان کا اپنا اجتہاد اس میں شامل نہیںہے۔ اس لئے جو شخص ان کی احادیث کو حقارت کی نظر سے دیکھتا ہے وہ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کے کلام کی ہتک کرتا ہے کیونکہ وہ حدیثیں آپؐ کی زبان سے نکلی ہوئی ہیں اور خشک حدیثیں نہیں ہیں۔ جو شخص ان احادیث کو مانتا ہے وہ امام بخاری کو نہیں بلکہ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کو مانتا ہے پس ہر ایک کو چاہئے کہ احتیاط سے کام لے۔ جب کسی قوم میں امن و امان آجاتا ہے تو ایسی ایسی باتیں بھی پیدا ہو جاتی ہیں۔ کیا جب احمدیوں کی چھوٹی چھوٹی جماعتیں مختلف جگہوں میں رہتی تھیں ،اپنی مسجدیں نہ تھیں، مخالفین تنگ کرتے اور تکلیفیں پہنچاتے تھے اُس وقت بھی ایسی باتیں یاد آتی تھیں؟ ہر گز نہیں۔ لیکن اب ایسی ایسی باتوں پر بحث و مباحثے شروع ہو گئے ہیں گویا انہوں نے سمجھ لیا ہے کہ ہمارے دشمن نہیں رہے اور ہم آرام میں ہو گئے ہیں۔ لیکن یہ غلط ہے۔ ہمارے تو وہ تمام لوگ دشمن ہیں جو دنیا کے کسی گوشہ میں بستے ہیں اور حق و صداقت کے مخالف ہیں اور ہرایک احمدی کے وہ سب دشمن ہیں جو شیطان کے پیچھے چلتے ہیں۔ پس جب تک شیطان دنیا سے نہیں مٹ جاتا اُس وقت تک احمدیوں کو بھی ہتھیار نہیں اُتارنے چاہئیں۔
پس تم لوگ اللہ اور رسول کے فیصلہ پر چلو اور وہ باتیں جو اصولِ دین سے تعلق نہیں رکھتیں اور مختلف صحابہ نے ان پر مختلف طریق سے عمل کیا ہے ان میں سے جس طریق پر کوئی عمل کرتا ہے اچھا کرتا ہے کوئی گناہ کی بات نہیں۔ سب انسانوں کی طبیعت ایک جیسی نہیں ہوتی کسی کے لئے کوئی بات پسندیدہ ہے اور کسی کے لیے کوئی۔ یہی وجہ ہے کہ خدا تعالیٰ نے ان سب طریقوں کو جو پہلے مختلف مذاہب میں مروّج تھے ایک جگہ جمع کر دیا ہے تاکہ کسی کی طبیعت گھبرائے نہیں۔ پس جب خدا تعالیٰ نے طبائع کا اتنا لحاظ رکھا ہے تو بندوں کا کیا مقدور ہے کہ ایسے مسائل میں اختلاف کریں۔ خدا کے فضل سے یہاں کے لوگ ایسی باتوں سے بچے ہوئے ہیں لیکن بیرونجات سے ایسے جھگڑوں کے متعلق خطوط آتے رہتے ہیں۔ میرے نزدیک اس کے متعلق یہ تجویز ہونی چاہئے کہ جو شخص ایسا ہو اس کی طرف توجہ ہی نہ کی جائے کیونکہ ایسی باتوں کا اعمال سے کوئی تعلق نہیں۔ اللہ تعالیٰ ایسے لوگوں کو اس بات کی سمجھ دے کہ کس قدر خطرناک دشمن کے ساتھ ان کا مقابلہ ہے تاکہ وہ ایسے جھگڑوں سے باز آجائیں۔ جو شخص ایسی حالت میں جھگڑا کرتا ہے معلوم ہوتا ہے کہ اس کو اپنے دشمن کی خبر ہی نہیں۔ کیا ممکن ہے کہ شیر سامنے کھڑا ہو اور کسی کو نیند آجائے؟ لیکن جس کے سر پر شیر کھڑا ہے اور وہ سوتا ہے ہو تو معلوم ہؤا کہ اس کو شیر کا علم ہی نہیں۔ اسی طرح جو شخص فتنہ برپا کرتا ہے معلوم ہوتا ہے کہ اس نے دیکھا ہی نہیں کہ کتنے بڑے دشمن سے اس کا مقابلہ ہے۔ جس شخص نے پچاس ساٹھ میل جانا ہو وہ کبھی بے فکر ہو کر راستہ میں سو نہیں سکتا۔ اِسی طرح وہ شخص جو سلسلہ احمدیہ میں داخل ہو کر ایسا کرتا ہے گویا اُس نے اپنے فرض کو سمجھا ہی نہیں۔
ہر ایک احمدی کو یاد رکھنا چاہئے کہ جس وقت تک کوئی ایک شخص بھی دنیا پر ایسا موجود ہو گا جو حق کو نہیں مانے گا اُس وقت تک اس کا مقابلہ ختم نہیں ہوگا۔ ادھر خدا تعالیٰ نے فرمایا ہے کہ جب تک دشمن سے مقابلہ ہو اُس وقت تک ایسے مسائل میں نہ جھگڑو۔ اور یہ بھی قرآن کریم سے معلوم ہوتا ہے کہ کفار قیامت تک زندہ رہیں گے اِس سے پتہ لگا کہ ایسے مسائل میں کبھی جھگڑا نہیں کرنا چاہئے۔ کیونکہ یہ خدا تعالیٰ نے ایک ایسی شرط لگا دی ہے جیسے کوئی کہے کہ جب تک تم زندہ رہو یہ بات کبھی نہ کرنا۔ یہ خدا تعالیٰ نے اس لئے فرمایا ہے کہ مسلمانوں کو ایسی باتوں کی طرف توجہ نہ ہو۔ تا وہ اپنے اصل کام میں لگے رہیں۔ اللہ تعالیٰ اس قسم کے فتنوں کو دور کرے اور سب لوگوں کو سمجھ دے تاکہ وہ اس طرف سے ہٹ کر اصل کام کی طرف متوجہ ہوں۔ کوئی نادان ہی ہو گا جو ایسے وقت میں ایسے جھگڑوں کی طرف توجہ کرے۔ کیا جس کا بیٹا مر رہا ہواُسے ناخن اُتروانے یا بال کٹانے میں لگا ہوا کسی نے دیکھا ہے ؟ہر گز نہیں۔ بلکہ یہی دیکھا کہ ہر ایک ایسی کوشش میں ہوتا ہے کہ جس طرح بھی ہو سکے اُس کا بیٹا بچ جائے۔ اگر اسلام اِس وقت مر رہا ہے اور بعض ایسے لوگ ہیں جن کی توجہ اِس طرف ہے کہ ناخن بڑے ہو گئے ہیں اُنہیں کٹانا چاہئے، بال پراگندہ ہو گئے ہیں اُنہیں کنگھی کرنی چاہئے تو اس سے معلوم ہوتا ہے کہ انہیں اسلام سے پیار اور محبت نہیں ہے اور نہ ہی اس کی قدر جانتے ہیں اِسی لئے اس کو مرتا ہوا دیکھ کر بھی انہیں گھبراہٹ پیدا نہیں ہوئی۔ اللہ تعالیٰ اپنا رحم کرے اور آپ لوگوں کو اپنے فرائض سمجھنے کی توفیق دے۔‘‘ (الفضل ۲۸؍ مارچ ۱۹۱۶ئ)
۱؎ الانفال: ۴۵،۴۶ ۲؎ النسائ: ۹۴
۳؎ بخاری کتاب الادب باب لم یکن النبی ﷺ فا حشاً ولا مُتَفَحِّشًا۔
۴؎ ترمذی ابواب الصلٰوۃ باب ماجاء فی التّامِیْن
۵؎ تذکرہ صفحہ ۴۶، ۶۱، ۷۸۔ ایڈیشن چہارم
۶؎ بخاری کتاب التمنی باب قول النبی ﷺ لَوْاِسْتَقْبَلْتُ مِنْ اَمْرِیْ (الخ)
۷؎ براہین احمدیہ حصہ پنجم صفحہ ۳۷۸
۱۱
سُود ہر صورت میں منع ہے
(فرمودہ ۷؍اپریل ۱۹۱۶ئ)
تشہد، تعوذ اور سورۂ فاتحہ کے بعد حضور نے مندرجہ ذیل آیت کی تلاوت کی:۔
۔ ۱؎
پھر فرمایا:۔
’’کھانے پینے کی چیزوں میں سے بعض اشیاء سے اسلام نے منع فرمایا ہے اور ان کے کھانے کی اپنے پیروئوں کو اجازت نہیں دی۔ وہ سب چیزیں اسی قسم کی ہیں جو انسان کے جسم، انسان کی عقل، اخلاق، دین اور روح کے لئے مضر ہو سکتی ہیں اور جب کوئی انسان ان میں سے کسی چیز کو کھاتا ہے تو آہستہ آہستہ اس کا اثر اس کے جسم پر ہونا شروع ہو جاتا ہے اور انسان کی کمزوری اور نقص کی وجہ سے ایک مدت کے بعد اُس کی روح پر بھی اثر ہونے لگتا ہے اسی وجہ سے اسلا م نے اپنے پیروئوں کو ایسی چیزیں کھانے سے روک دیا ہے۔
ہاں بعض صورتوں میں ان کے کھانے کی اجازت بھی دی ہے اور وہ بھی جب کوئی انسان مجبور اور مضطر ہو جائے لیکن اُس وقت بھی اتنے ہی کھانے کی اجازت دی ہے جتنا اس کیلئے اشد ضروری ہے۔ چنانچہ دوسری جگہ قرآن کریم میں فرمایا ۲؎ اور یہاں فرمایا۔ دونوں جگہ مطلب ایک ہی ہے فرمایا جو مضطر ہو وہ کھا لے مگر یاد رکھو کہ باغی اور عادی نہ ہو۔ باغی قوانین حکومت کو توڑنے والے کو کہتے ہیں۔ وہ انسان جو خدا تعالیٰ کے کسی قانون کو توڑتا ہے وہ بھی باغی ہوتا ہے۔ کھانے کے متعلق اس طرح باغی ہو جاتا ہے مثلاً ایک شخص جان بوجھ کر بھوکا رہے اور جب مضطر ہو جائے توا ن چیزوں میں سے کوئی کھا لے۔ عادی اُس شخص کو کہیں گے جو کسی ایسے ملک میں چلا گیا جہاں اُسے سؤر کے سوا اور کچھ نہیں مل سکتا اور بھوک کی وجہ سے مضطر ہے اُس وقت اس کے لئے اس کا کھانا جائز ہے۔ لیکن اگر وہ یہ کہے کہ اب مجھے موقع مل گیا ہے شائد پھر کبھی ایسا موقع ملے یا نہ ملے اس لئے خوب سیر ہو کر اور پیٹ بھر کر کھا لوں تو وہ عادی ہو گا۔ پس خدا تعالیٰ نے ان اشیاء کو کھانے کی اجازت دینے کے ساتھ یہ دو شرطیں لگا دی ہیں۔
بعض لوگوں کو اس جازت کے حکم کو دیکھ کر دھوکا لگا ہے اور انہوں نے اس کو وسیع کر لیا ہے۔ وہ کہتے ہیں کہ جب مضطر کے لئے مردہ،خون، سؤر کا گوشت اورکھانے کی اجازت ہو گئی ہے تو اس سے سمجھ لینا چاہئے کہ دوسرے احکام کے متعلق بھی مضطر کو اجازت ہے۔
چند ہی دن ہوئے کہ ایک شخص نے مجھ سے سُود کے متعلق فتویٰ پوچھا تھا میں نے اسے لکھایا کہ سُود کسی صورت میں بھی جائز نہیں ہو سکتا۔ اب اس کا خط آیا ہے کہ بعض علماء کہتے ہیں کہ اصل حالت میں تو یہ فتویٰ ٹھیک ہے کہ سُود جائز نہیں لیکن مضطر کے لئے یہ فتویٰ درست نہیں ہے اور ساتھ یہ مثال دی ہے کہ ایک شخص کو شادی کرنے کے لئے روپیہ کی سخت ضرورت ہے روپے کہیں سے اُسے مل نہیں جا سکتے اگر وہ سُودی روپیہ لے کر شادی پر لگائے تو اس کے لیے جائز ہے۔ میں نے پہلے بھی اِسی قسم کے واقعات سنے تھے چنانچہ جو لوگ اہل قرآن کہلاتے ہیں اُنہوں نے اسی قسم کے فتوے دئیے ہیںلیکن اس قسم کے تمام فتوے قرآن کریم کے احکام کو نہ سمجھنے کی وجہ سے دئیے گئے ہیں۔ انہوں نے سمجھا ہی نہیں کہ قرآن کریم کسی چیز سے کیوں روکتا ہے۔
اصل بات یہ ہے کہ گناہ دو قسم کے ہوتے ہیں ایک تو وہ گناہ ہے جو براہ راست انسان کی روح پر اثر ڈالتے ہیں ان کا جسم پر کوئی اثر نہیں ہوتا۔ مثلاً جھوٹ اگر کوئی ساری عمر بولتا رہے تو اس سے اس کے جسم کو کوئی نقصان نہیں پہنچے گا بلکہ یہ گناہ براہ راست اس کی روح پر اپنا بداثر ڈالے گا۔ دوسرے وہ گناہ ہوتے ہیں جو جسم میں سے ہو کر روح کو خراب کرتے ہیں یعنی ان کا پہلے جسم پر اثر پڑتا ہے اور پھر اس کے ذریعہ روح پر۔ چنانچہ جن اشیاء کے کھانے کی ممانعت کی گئی ہے وہ ایسی ہی ہیں جو دوسری قسم کے گناہوں میں شمار کی جاتی ہیں۔ مثلاً اگر کوئی مردہ کھا لے یا خون پی لے تو اس کا پہلے جسم پر اثر پڑ ے گا اور پھر روح پر ۔ یا اگر کوئی کسی ایسے جانور کا گوشت کھا لے جو بتوں وغیرہ کے لئے ذبح کیا جائے تو اس طرح چونکہ اس ذبح کرنے والے کی تائید کرتا ہے اس لئے منع کر دیا تاکہ ایسے لوگ ہی نہ ہوں جن کو اللہ کے سِوا اَوروں کے لئے جانور ذبح کرنے کی جرأت ہو۔ پس یہ تمام احکام ایسے ہیں کہ جن کا گناہ انسان کی روح تک دوسروں کے واسطے سے پہنچتا ہے یعنی یا تو اس کے جسم کے ذریعہ سے یا اور لوگوں کی وجہ سے۔ اب ظاہر ہے کہ ان چیزوں کے منع کرنے سے یا تو انسان کے جسم کی حفاظت مدنظر ہے اور یا دوسروں کی اصلاح۔ اس لئے اگر کوئی ایسا وقت آبنے جبکہ جسم تباہ ہوتا ہو اور سوائے ان چیزوں میں سے کسی کے کھانے کے وہ بچ نہ سکتا ہو تو ان کے کھانے کی اجازت دے دی گئی ہے اور ساتھ ہی یہ دوشرطیں بھی لگا دی ہیں کہ اس اجازت سے فائدہ اُٹھانے والا انسان باغی اور عادی نہ ہو۔ پس اگر کوئی شخص ان اشیاء میں سے کوئی ایک کھائے گا تو ایسی حالت میں کھائے گا جبکہ وہ نہایت اضطرار میں ہو گا اور پھر ایک قلیل مقدار میں قلیل عرصہ کے لئے کھائے گا اس لئے وہ نقصان جس کی وجہ سے ان کا کھانا بند کیا گیا تھا وہ اسے نہیں پہنچے گا۔ لیکن وہ چیزیں جو براہ ِراست روح پر اثر ڈالنے والی ہوتیں ہیں ان کو ہر صورت میں خدا تعالیٰ نے حرام قرار دیا ہے اور کسی حالت میں بھی ان کو جائز قرار نہیں دیا۔
اگر ایسا نہ ہوتا تو پھر کوئی گناہ گناہ ہی نہ رہتا۔ مثلاً چور چوری کرتا ہے کیوں؟ اس لئے کہ اس کے اپنے گھر مال نہیں ہوتا۔ گوا یسے بھی چور ہوتے ہیں جو مالدار ہوتے ہیں اور عادتاً چوری کرتے ہیں مگر اکثر ایسے ہی لوگ چوری کرتے ہیں جو مفلس اور کنگال ہوتے ہیں اور اضطراب کی حالت میں ہوتے ہیں۔ اسی طرح اگر کوئی کسی کو قتل کرتا ہے تو اسی لئے کہ مقتول کی وجہ سے اسے کسی نہ کسی قسم کا اضطرار ہوتا ہے۔ غرضیکہ ہر ایک گناہ کے متعلق کہا جاسکتا ہے کہ وہ اضطرار کے وقت کیا گیا ہے۔ یہی سُود کا حال ہے۔ تجارت کرنے کے لئے توا ب دو سَو برس سے سُود لیا یا دیا جاتا ہے اس سے پہلے تو یہ بھی اضطرار ہی کی حالت میں لیا جاتا تھا۔ کسی شخص کو جب کہیں سے قرضہ نہ ملتا اور ضرورت سے مجبور ہو جاتا تو سُود پر روپیہ لے لیتا۔ ورنہ کسی کو کیا ضرورت پڑی تھی کہ اپنے پاس روپیہ ہوتے ہوئے یا بغیر سخت مجبوری کے کچھ روپیہ لے کر اس سے زیادہ دیتا۔ تو سُود بھی جائز ہو گیا اور قرآن کریم نے جو حکم دیا تھا کہ نہ لیا کرو وہ نعوذ باللہ لغو ہو گیا کیونکہ جب سُود دیتا ہی وہ ہے جو مضطر ہو اور مضطر کے لئے جائز ہے کہ ایسا کرے تو پھر اس سے منع کرنے کے کیا معنی۔
لیکن یاد رکھو کہ قرآن کریم نے انہی چیزوں کی اضطرار کے وقت اجازت دی ہے جو کھانے پینے کے متعلق ہیں۔ چنانچہ اس آیت میں صاف طور پر فرمایا کہ یعنی ایسا اضطرار جو بھوک کی وجہ سے ہو اس کے لئے اجازت ہے نہ کہ ہر ایک اضطرار کے وقت ہر ایک نہی روا ہو سکتی ہے۔ وہ چیزیں جو کھانے کے متعلق ہیں ان کی تو اسلام نے اضطرار کے وقت اجازت دے دی ہے مگر یہ کہیں نہیں کہا کہ اگر اضطرار ہو تو چوری بھی کر لو یا کوئی اور کسی قسم کا فعل کر لو۔ فقہاء نے یہ تو اجازت دی ہے کہ اگر علاج کے لئے شراب کی ضرورت پڑے تو مریض کو استعمال کرا دو۔مگر یہ کہیں اجازت نہیں دی کہ اگر کسی کی زندگی سے تمہیں اپنی جان کے متعلق اضطرار ہو تو اُسے قتل کردو۔ پس یہ بات غلط ہے کہ اضطرار کے وقت کوئی ایسی چیز جائز ہو سکتی ہے جس کا اثر براہ راست روح پر پڑتا ہے یا جو کھانے پینے کے متعلق نہیں ہے۔ البتہ ایسے وقت میں ان چیزوں کے کھانے کی اجازت دی گئی ہے جو روح سے براہِ راست تعلق نہیں رکھتیں۔ یا ایسے گناہ جن کا تعلق انسان کے اپنے سے نہیں ہوتا بلکہ اس کے ذریعہ دوسروں کا تعاون پایا جاتا ہے اور یہ بھی کھانے پینے ہی کے متعلق ہیں ۔اور یہ اجازت اس لئے ہے تاکہ جسم قائم رہے ایسے وقت میں اس بات کا خیال نہیں رکھا جائے گا کہ روح کو کسی قدر نقصان پہنچے گا بلکہ یہ مدنظر ہو گا کہ جسم سلامت رہ سکے۔ پس یہ صرف کھانے پینے کے متعلق مضطر کے لئے اجازت ہے ورنہ اگر ہر ایک بات میں مضطرکو اجازت ہوتی تو کوئی بھی گناہ ،گناہ نہ کہلا سکتا۔
تم اس بات کو خوب یاد رکھو۔ حضرت مسیح موعودؑ سے بھی بار ہا سُود کے متعلق پوچھا گیا۔ آپ نے ہر دفعہ منع فرمایا۔ وہی لوگ جو اَب ہم سے علیحدہ ہو گئے ہیں انہیں میں سے ایک نے دفتر سیکرٹری میں بیٹھے ہوئے حضرت مسیح موعودؑ کی وفات کے بعد ایک دفعہ کہا۔ ’’واہ او مرزیا۔ لوکاں نے بھی بڑا زور لگایا کہ سُود جائز ہو جائے پر تو نے نہ ہی ہون دتا۔ یعنی لوگوں نے (یہ لوگوں کا لفظ محض پردہ کے لئے تھا ورنہ وہ زور مارنے والے بھی وہیں موجود تھے) بڑا زور مارا کہ کسی طرح سُود جائز ہو جائے لیکن آپ نے ہر گز اجازت نہ دی سُود لینا اور دینا دونوں کو برابر گناہ فرمایا۔
شریعت کوئی ٹھٹھا نہیں ہے کہ ہر ایک انسان استنباط کرنے لگ جائے۔ وہ لوگ جنہوں نے یہ فتویٰ دیا ہے کہ اضطرار کے وقت سُود جائز ہے جب اُنہیں معلوم ہو گا کہ اضطرار کے ساتھ مخمصہ کا لفظ ہے تو انہیں اپنی غلطی معلوم ہو جائے گی۔ لوگوں نے یہ فیصلہ کیا ہوا ہے کہ ایک بات کے جواز کے لئے جو سبب ہو وہی اگر دوسری جگہ پایا جائے تو اس کے جائز ہونے کا قیاس ہو سکتا ہے۔ مگر ایسا ہو سکتا ہے کہ دوسری جگہ سبب ہی اَور ہو اور سمجھا اَور جائے۔ اوّل تو قرآن کریم کے احکام میں قیاس کا دخل نہیں ہے اور اگر دخل بھی ہو تو قرآن کریم کے الفاظ پر خوب غور وفکر کرنا چاہئے۔ یہ اجازت کھانے پینے کے متعلق ہے نہ کہ ہر ایک بات کے لئے۔ ایک جگہ قرآن کریم میں کفر کے متعلق بھی فرمایا ہے مگر یہ پسندیدہ امر نہیں فرمایا۔ اگر کوئی بہت توبہ اور استغفار کرے گا تو اس کا گناہ معاف ہو گا اور یہ اس لئے فرمایا کہ ایسی حالت میں وہ اسلام سے نکل جاتا ہے ہاں ا س کی توبہ قبول ہو سکتی ہے اور یہ دروازہ ہر وقت کھلا ہے گویا اجازت وہاں بھی نہیں دی گئی۔
اللہ تعالیٰ ہماری جماعت کو اور دوسروں کوبھی سمجھ دے تا وہ قرآن کریم کے الفاظ پر غور کریں اور اُس کے احکام کی حکمت اور منشاء کو سمجھیں اپنے ارادہ اور خواہش کے مطابق اس کے الفاظ کو بگاڑ کر اَور مطلب نہ نکالیں۔ ‘‘ (الفضل ۱۱؍ اپریل ۱۹۱۶ئ)
۱؎ المائدۃ: ۴ ۲؎ البقرۃ: ۱۷۴
۱۲
دنیا کی تمام اشیاء انسان کی خدمت کے لئے پیدا کی گئی ہیں
(فرمودہ ۱۴ ؍ اپریل ۱۹۱۶ئ)
تشہد، تعوذ اور سورۂ فاتحہ کے بعد حضور نے مندرجہ ذیل آیات کی تلاوت کی:۔
۱؎
پھر فرمایا:۔
’’اللہ تعالیٰ کی وہ مخلوق جو ہماری نظروں کے سامنے ہے اور جس تک ہماراعلم پہنچ سکتا ہے اُس پر غور کرنے سے معلوم ہوتا ہے کہ اس تمام مخلوق میں سے ایک ہی ہستی ایسی ہے جو کہ اپنے اندر ارادہ کی قوت رکھتی ہے اور جس کے اندر اس کے استعمال کی طاقت پیدا کی گئی ہے اور وہ انسان ہے۔ بڑے بڑے کرے جو زمین کے علاوہ آسمان پر ہیں یعنی سورج، چاند اور ستارے، پھر زمین اور اس کے اندر کی تمام اشیاء اور خاص کر حیوانات ا ن تمام پر غور کر کے دیکھا جائے تو سوائے انسان کے سب کی سب ایک خاص قانون کے ماتحت چلتی ہیں اور اس سے ذرا بھی اِدھر اُدھر نہیں ہو سکتیں۔ جس رنگ کا، جس طرز اور جس طاقت کے ساتھ خدا نے ان کو پیدا کیا تھا اس کے علاوہ نہ تو انہوں نے کسی بات میں ترقی کی ہے اور نہ ہی تنزل۔ بے جان چیزیں تو علیحدہ رہیں حیوانات بھی ارادہ اور قدرت نہیں رکھتے اور ان میں بھی ترقی کا مادہ نہیں ہے۔ جس دن سے دنیا کی ابتدا ہوئی ہے شیر غاروں میں ہی رہتے ہیں، بندر درختوں کے اُوپر، مچھلیاں پانی کے اندر زندگی گزار رہی ہیں۔ اِسی طرح پرندے ہوا میں اُڑتے، درختوں پر گھونسلے بناتے چلے آرہے ہیں۔ اس میں کبھی تغیر نہیں ہوا۔ نہ آدم علیہ السلام کے وقت نہ ان کے بعد اور نہ اب بلکہ ایک ہی حالت میں چلے آرہے ہیں۔ بیا۲؎ ایک عمدہ گھونسلا بناتا ہے مگر ایسا ہی حضرت آدمؑ کے زمانہ میں بنایا کرتا تھا۔ اِسی طرح فاختہ جس قسم کا آج گھونسلا بناتی ہے آج سے ہزار، دو ہزار، تین ہزار، چار ہزار سال پہلے بھی ایسا ہی بناتی تھی۔
مگرا نسان کی حالت کبھی ایک حالت پر نہیں رہی بلکہ ہر صدی میں بدلتی رہی ہے۔ کوئی زمانہ ایسا تھا کہ انسان بالکل ننگا رہتا تھا۔ پھر وہ زمانہ آیا کہ درختوں، چھالوں اور پتوں سے اپنا جسم ڈھانکنے لگا۔ پھر جانوروں کی کھالوں کو پہننے لگا۔ پھر کوئی زمانہ ایسا تھا کہ درختوں کی باریک شاخوں سے پتوں میں موریاں نکال کر گھاس کے ریشے ان میں ڈال کر اپنے لئے کپڑے سینے لگا۔ پھر لوہا، روئی دریافت ہوئی اور کپڑے بننے اور سیئے جانے لگے۔ اس سے ترقی کرتے کرتے آج انسان اس حالت کو پہنچا ہے کہ اتنی قسم کے کپڑے تیار ہو گئے کہ کوئی گن بھی نہیں سکتا اسی طرح ایک وقت تھا کہ جبکہ انسان کچی غذائیں کھاتا تھا۔ پھر سورج کی گرمی سے بھون کر کھانے لگا۔ پھر آگ دریافت ہوئی تو اس میں ڈال کر پکانے لگا اس سے ترقی کرتے کرتے آج اس حالت کو پہنچا کہ ہزاروں قسم کے نفیس سے نفیس کھانے تیار کرنے لگا۔ یہی حال پینے کی چیزوں کا ہے اور یہی سوسائٹی کے تعلقات کا۔ غرضیکہ ہر ایک وہ کام جس کا انسان سے تعلق ہے وہ جس حالت میں آج سے سَو سال پہلے تھا آج اس سے بڑھ کر حالت میں ہے اور آج سے ایک سَو سال بعد اور بڑھ کر ہو گا۔ یہ تونسل انسانی کا تغیر وتبدل ہے اِسی طرح ہر انسان میں بھی تغیر ہوتا ہے۔ ایک وہ وقت ہوتا ہے جبکہ انسان بات کرنے کی بھی طاقت نہیں رکھتا۔ لیکن ایک وقت آتا ہے کہ خوب بول سکتا ہے پھر ایک وقت آتا ہے جبکہ وہ کچھ پڑھ نہیں سکتا لیکن ایک وقت آتا ہے کہ وہ بڑا عالم اور فاضل ہو جاتا ہے۔ تو جس طرح نسل انسانی مجموعی حالت میں ترقی کرتی ہے اسی طرح ہر ایک انسان بھی ترقی کرتا ہے اور ایک ادنیٰ حالت سے لے کر عظیم الشان درجہ تک پہنچ جاتا ہے۔
پیدا ہونے کے وقت تما م بچوں کی ایک ہی حالت ہوتی ہے ایک شاعر نے کیا ٰخوب کہا ہے کہ اے انسان! تو جس وقت پیدا ہوا تھاتو رو رہا تھا اور لوگ تجھ پر ہنس رہے تھے (کسی پر ہنسنا اس کی تحقیر کرنے کے معنوں میں بھی آتا ہے) اب توا ن سے بدلہ لے اور وہ اس طرح کہ ایسے اچھے اعمال کر اور لوگوں کو اتنا فائدہ پہنچا کہ جب تو مرے تو لوگ روئیں اور تو ہنسے اور خوش ہو کہ میں خدا کے پاس جار ہا ہوں۔ تو سب بچے روتے ہوئے ننگ دھڑنگ آموجود ہوتے ہیں۔ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم بھی اِسی طرح آئے تھے اور آپ کا بدترین دشمن بھی اِسی طرح آیا تھا مگر آپ نے تو ایسی تر قی کی کہ معراج کے وقت جبرائیل بھی پیچھے کھڑا رہااور آپ سے کہا کہ آپ آگے چلے جا ئیں مجھ میں آگے جا نے کی ہمت نہیں ہے۔ تو فردا ًفرداً بھی انسا نوں کی یہی حالت ہو تی ہے۔انسانوں میں بڑی بڑی ترقیات کے مادے رکھے گئے ہیں اس لئے کوئی انسان ہروقت ایک حالت پر قائم نہیں رہتا اور نہ رہ سکتا ہے اور نہ کوئی قوم رہتی ہے اور نہ رہ سکتی ہے۔ وہ حالت جس کا نام کسی قوم کا ایک حالت میں ٹھہرنا رکھا جا تا ہے وہ اصل میں ٹھہرنا نہیں ہوتا بلکہ گرنا ہو تا ہے یعنی اُس وقت اُس قوم کا گرنا شروع ہو جا تا ہے۔کیونکہ انسان ہر وقت ترقی یا تنزل کر تا رہتا ہے کبھی نیچے کو آتا ہے تو کبھی اوپر کو جاتا ہے یعنی ہر وقت حرکت میں رہتا ہے جب انسا ن خدا تعالیٰ کی عطاکردہ طاقتوںسے کا م لینا چھوـڑدیتا ہے تو نیچے گر نا شروع ہو جاتا ہے۔ جس طرح ایک شخص رسّہ کو پکڑکراوپر چڑھ رہاہووہ جب اپنی طاقت کو کم کرے گا تو نیچے کو آنا شروع ہو جائے گایہی حال انسانی ترقی کا ہوتاہے۔
غرض انسان اور دوسری تمام مخلوق میں یہ فرق ہے کہ انسان اپنے اندر ترقی کی اس قدر طاقتیں رکھتا ہے کہ جن کا اندازہ بھی نہیں ہو سکتا ۔جو شخص کہتا ہے کہ میں نے انسانی ترقی کا پوراپورااندازہ کر لیا ہے وہ جھو ٹا ہے اورخدا نے اس کے جھو ٹ کو اس طرح ثابت کر دیا ہے کہ ایک وقت میں جن باتوں کو انسان اپنی انتہائی ترقی سمجھتے ہیں دوسراوقت اس سے بڑھ کر ترقی دکھا دیتا ہے۔ تمام دنیا میں ایک ہی انسان ہوا ہے جس کی نسبت کو ئی کہہ سکتا ہے کہ اس نے تمام انسانی ترقی کے مدارج حاصل کر لئے ہیںاور وہ ہمارے آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم ہیںمگر یہ بھی جھوٹ ہے۔ وہ آنحضور صلی اللہ علیہ وسلم جو آج سے تیرہ سَو سال پہلے تھے وہ آج نہیں ہیں بلکہ بہت بڑھ گئے اور ہر وقت بڑھتے رہتے ہیں کیو نکہ کروڑوں انسان دن رات آپ کے لئے ملکر صلی اللہ علیہ وسلم کہنے والے ہیں۔پھر جس قدرنیکی دنیا کو آپ سے پہنچ رہی ہے وہ کیا آپ کو ایک درجہ پررہنے دیتی ہے؟ ہر گز نہیں ۔بلکہ آپ اوپر ہی اوپر جا رہے ہیں۔ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کو اِسی لئے ۴؎ کا حکم ہوا تھا۔ آپ کی وفات کے وقت جو آپ کا درجہ تھا وہ اس سے دس منٹ پہلے سے زیادہ تھا۔اورہمیشہ زیادہ ہی زیادہ ہو تا جا رہا ہے۔ یہ تو انسان کی حالت ہوئی۔ اس کے مقابلہ میں باقی جس قدر اشیاء ہیں ان میں ترقی کا مادہ ہے ہی نہیں وہ ایک حد کے اندر محدود رہتی ہیں اور پھر وہ ارادے اور قدرت سے کو ئی کام نہیں کر تیں ۔ بلکہ مشین کے طور پر چلتی ہیں۔ شیر کو دیکھ لو جس رنگ میں خد اتعا لیٰ نے پیدا کیا تھا اُسی رنگ میں اب بھی ہے۔ اِسی طرح گدھے کو جس رنگ میں پیدا کیا تھاکہ گھا س کھائے وہ اب بھی گھا س ہی کھا تا ہے اور ویسا ہی ہے جیسے حضرت آدم علیہ السلام کے وقت تھا۔ اِسی طرح گھوڑا ہے۔ اس تمام نظارہ کو دیکھ کر ہمیں ایک بات معلوم ہو تی ہے اور وہ یہ کہ انسان کے سِوا اور کوئی چیز طاقت اور ارادہ نہیں رکھتی بلکہ ان میںانفعالی طاقت ہو تی ہے یعنی ایک دوسری چیز اپنا اثر ڈال کر ان میں تغیر پیدا کر دیتی ہے اور وہ انسان ہے۔
اس سے پتہ لگا کہ تمام اشیاء جو زمین و آسمان میںیا ان کے درمیان ہیں وہ تمام کی تمام اسی ہستی کی خدمت کے لئے بنائی گئی ہیں اور ان کی خلقت اس لئے ہو ئی ہے کہ انسان ان سے نفع حاصل کرے خواہ سورج ہے یا چاند ہے یا ستارے ہیں یا جو کچھ بھی ہے وہ انسان کے نفع کے لئے پیدا کیا گیا ہے۔ چنانچہ خدا تعالی نے قرآن کریم میں با ربار فرمایا ہے کہ ان اشیاء کو تمہارے نفع کے لئے پیدا کیا گیا ہے۔
یہ ایک نا دانی کی بحث ہے کہ زمین کے سوا کوئی اور بھی کُرے ہیں یا نہیں جہاں انسان رہتے ہیں کیو نکہ اس بات کی اسے کیا ضرورت ہے وہ اس کرہ سے تعلق رکھتا ہے جس میں وہ رہتا ہے اس لئے وہی اس کے لئے بنا یا گیا ہے۔اور کروں کا دریافت کرنا تو الگ رہا انسا ن کے اندرایسی طاقتیں موجود ہیں جو تما م کی تما م یکدم اس پر خود بھی نہیں کھلتیں بلکہ آہستہ آہستہ کھلتی رہتی ہیں۔اور اس کی ایسی مثال ہے کہ بہت سی اشیاء انسان کی جیب میں ہوںاور اسے ان کا علم نہ ہوہاتھ ڈالتا جائے اور نکالتا رہے۔انسان کی ہستی ایک ایسی زنبیل ہے کہ جو کبھی خالی نہیں ہوتی ہمیشہ کچھ نہ کچھ اس سے نکلتا ہی چلاآتاہے۔
پس جب یہ ثابت ہو گیا کہ دنیا کی سب اشیاء انسان کے لئے اور صرف اسی ہستی کو فائدہ پہنچانے کی غرض سے اس کی مسخر کر دی گئی ہیں تو سوال پیدا ہو تا ہے کہ کیا اتنا بڑا کا رخانہ اور اس کی تمام اشیاء زمینی اور آسمانی کاپیدا کرنا اور پھر انسان میں اِس قدر روحانی ترقیات کا مادہ رکھنا کہ ختم ہی نہیںہو سکتا کیا یہ سب کچھ اِسی لئے ہے کہ انسان دنیا میں کھائے پیئے اور گزر جا ئے؟ کھا نے پینے کے لحاظ سے تو اور جا نور اس سے بہترہیں۔ایک گھوڑا اتنا کھا سکتا ہے جتنا انسان سر پر اُٹھا سکتا ہے۔ اس کے علاوہ اور چیزیں ۔ طاقت، قد، جسم کے لحاظ سے بھی انسان سے بہت بڑی ہیں ۔ پھر کیا وجہ ہے کہ خدا نے انسان کے لئے ان کو مسخر کر دیا ہے۔
اس میں ایک بھید ہے اور وہ یہ ہے کہ خدا نے انسا نوں کو اس لئے پیدا کیا ہے کہ اس کا خاص خد ا سے تعلق ہو۔ باقی جس قدر اشیاء انسان کے لئے پیدا کی ہیں وہ اس لئے نہیں کیں کہ انسان ان پر حکومت کرے اور بس۔بلکہ اس لئے کہ جس قدر سامان وسیع ہواُسی قدر وسیع نتائج نکلتے ہیں۔دیکھوترکیب جس قدر زیادہ مقدار میں ہو تی ہے اُسی قدر زیادہ نتیجہ پیدا کرتی ہے۔دو ضرب دو، چار ہو تے ہیںلیکن ان اعداد کو دو کی بجائے چار کر دیا جائے تو چار ضرب چار، سولہ ہو جائیں گے۔تو جس قدرا عداد بڑھا تے جا ئیں اُسی قدر نتا ئج بڑے نکلتے جا ئیں گے۔چونکہ انسان کے اعمال ہی اس کے روحانی لڑی کے بڑھا نے والے ہو تے ہیں اس لئے جس قدر یہ زیادہ ہوں گے اُسی قدر زیادہ اس کی روحا نیت ہو گی۔ جب انسان کے متعلق بہت سی اشیاء ہو ں گی تو جس قدر زیادہ اشیاء سے معا ملہ کرے گا اُسی قدر زیادہ اس کے اعمال ہوں گے تو دنیا کی تمام اشیاء اس کی ترقی کے لئے پیدا کی گئی ہیں ۔
پس اگر انسان ذرا بھی غور کرے تو اسے پتہ لگ جا تا ہے کہ جب یہ سب اشیاء میر ے لئے پیدا کی گئی ہیں تو ضرور ہے کہ میری پیدائش کی غرض وہ نہیں ہے جو ان کی ہے بلکہ کوئی اور اعلیٰ غرض ہے ۔اِسی بات کو خدا تعالیٰ نے ان آیات میں بیان فرما یا ہے کہ وہ لوگ جو کا فر ہو گئے اور کہتے ہیں کہ خدا ہے ہی نہیں اور اگر ہے تو اسے ہما رے اعمال سے کیا تعلق ہے کہ ہمیں مرنے کے بعد زندہ کرے اور ہم سے کسی بات کے متعلق پرسش ہو۔ وہ گمان کر تے ہیں کہ یہ جو کچھ خدا نے پیدا کیا ہے یہ سب لغو ہے اس کے پیدا کرنے سے اس کی کو ئی غرض اورمنشاء نہیںہے مگر یہ بات نہیں ہے۔ ایسا کہنے وا لے لوگ ہمیشہ نقصان ہی پا ئیںگے۔کیوں؟اس لئے کہ خدا تعا لٰی نے جوکچھ ان کے لئے پیدا کیا تھااُس کو انہو ں نے لغو اور فضو ل سمجھا ۔ لیکن مو من انسان کبھی ایسا گمان نہیں کر سکتا کیونکہ اس کی اندر کی طاقتیں اسے پکا ر پکار کرکہتی ہیں کہ ہر وقت تجھے آگے بڑھنے اور تر قی کر نے کے لئے پیدا کیا گیا ہے۔ اور یہ جو کچھ دنیا میں ہے یہ تیری ہی ترقی کے لئے اسباب پیدا کئے گئے ہیں ۔خدا تعا لیٰ فر ماتا ہے کہ ہم نے انسا ن کی ترقی کے لئے زمین و آسمان میںکس قدر اسبا ب پیدا کئے ہیںاور کس طرح ہر ایک چیز کو انسان کے لئے مسخر کر د یا ہے پھر انسا ن کے اندر کس قدر بڑھنے اور ترقی کر نے کی طا قتیں رکھی ہیں۔ کیا اس کا نتیجہ یہی ہو سکتا ہے جو لوگ ایماندار ہیں اور اچھے عمل کر تے ہیں ان کو اور وہ لوگ جو فسا د کرتے ہیںایک ہی جیسا کر دیا جائے؟اگر ایسا ہی ہو تاتو گویا حیوانوں کی طرح ہی انسانو ں کی پیدائش بھی ٹھہرتی۔کیو نکہ تمام حیوانوں کا ایک ہی درجہ ہو تا ہے۔ اگر تمام انسا نو ں کا ایک ہی درجہ ہوتااور ان سے ایک ہی قسم کا سلوک کیا جا تاتو گویا انسان کے لئے اس قدر ساما ن پیدا کرنا اور خود انسان کو پیدا کرنا ایک لغو امر ہو تا۔مگر خدا تعالی توکو ئی لغو بات نہیں کرتا۔
جب یہ بات ہے تو کیا وہ متقیو ں کو فا جروں کے برابر کر سکتا ہے؟ ہر گز نہیں۔ دو قسم کے لوگ ہوتے ہیں ایک مومن دوسرے کا فر ۔ یا متقی اور فاجر۔یعنی مو منوں کے مقابلہ میں ایک تو کافر ہو تے ہیں اور ایک وہ جو لفظاً تو مومنوں کی جما عت میں داخل ہو تے ہیںمگر عملاً با غی ہوتے ہیںان کو فاجر کہا جا تا ہے ان دو قسم کے لو گو ںکی نسبت بتا دیا کہ اگر یہ سمجھتے ہیں کہ ہمارے اعمال کا کوئی نتیجہ نہیں ہو گاجو سلوک متقیوں سے کیا جا ئے گاوہی ہم سے ہو گا تو غلطی کر تے ہیں۔ کیا ہم ایمان لا نے والے اور نیک اعمال کر نے والوں کو ایسا کر دیں گے؟ ہر گز نہیں صرف وہی لو گ نہیں ہو تے جو دنیا میں لڑائی جھگڑا کرتے ہیںبلکہ کفا ر بھی ہی ہو تے ہیںکیو نکہ ان کے عقائد درست نہیں ہوتے اور جب عقائد درست نہیں ہو تے تو جو ان سے نتائج نکلتے ہیں وہ بھی درست نہیں ہو تے بلکہ بُرے اور خطر ناک ہوتے ہیں خواہ ایسے لوگ کتنا ہی اچھا کام کریں تو بھی عقائد کے نقص کی وجہ سے اس میں نقص ہی ر ہے گا اس لئے وہ مو منوں کے برابر نہیں ہو سکتے۔ دوسرے وہ لو گ جو زبان سے تو ایمان لا نے کا اقرار کر تے ہیںلیکن عملاً اس کا ثبوت نہیں دیتے وہ متقیوں یعنی ایمان لا کرعملی طور پر اس کا ثبوت دینے والوں کے برابر نہیں ہو سکتے ۔ اس کی گواہی زمین و آسمان اور سب اشیاء دے رہی ہیں کہ کبھی ایسا نہیں ہو سکتا۔ اور اگر ایسا ہو جائے تو خدا پر الزام آتا ہے کہ کیا اس نے اتنا بڑا کا رخانہ اور تمام سازو سامان گھوڑے اور گدھے کی طرح کھا پی کر گزر جا نے والے انسا ن کی خاطر پیدا کیا ہے ؟اس قسم کا کا م تو معمولی عقل کا انسان بھی نہیں کرتا چہجائیکہ خدا ایسا کرے کہ انسان کے لئے یہ سب تو پیدا کر دے مگر اس کی غرض کچھ نہ ہوکیا کھانے پینے کے لحاظ سے گھو ڑے اور گدھے وغیرہ حیوانا ت انسان کے برابر نہیں ہیں؟ ضرور ہیں۔ تو پھر کیا وجہ ہے کہ ان کے لیے تمام دنیا کی اشیاء مسخر نہیں کی گئیںاور صرف انسا ن کے لئے کی ہیں۔ اس سے پتہ لگتا ہے کہ انسان کی پیدائش کی کو ئی اور بہت بڑی غرض ہے۔
غر ض دنیا کی ہر ایک چیز انسا ن کو ہو شیا ر کر رہی ہے خواہ سورج یا چاند یا ستا رے ہوں، خواہ زمین کے اوپر کے نظا رے ہو ں ،خواہ اس کے نفس کے اندر کی طاقتیں ہو ں ،تمام جا نور حتیٰ کہ ایک چڑیا اور طو طا، ایک کتا، ایک بلی، ایک مینا اس کے لئے نصیحت اور سبق ہے۔ یہ ہر چیز اسے کہہ رہی ہے کہ ہم کھا نے پینے کے لحاظ سے تمہا رے برابر ہیں لیکن تجھے جو ہم پر حکومت دی گئی ہے اور ہمیں تیرے لئے مسخر کیا گیا ہے تو اِس میں کوئی بات ضرور ہے اور وہ یہی کہ تا تجھے بتایا جائے کہ ایک دن تیرے تمام اعمال کا محاسبہ ہو گا اور تو خدا تعالیٰ کے حضور اپنے افعال کی جواب دہی کے لئے کھڑا کیا جا ئے گا۔لیکن اس واعظ کے لئے کہیں دور جا نے کی ضرورت نہیں انسان اپنے گھر میں بستر پر آنکھیں بند کر کے اپنے نفس پر غور کرے تو وہی اس کے لئے واعظ ہو گا اور اسے پتہ لگ جا ئے گا کہ دنیا میں میرا کیا درجہ ہے اور دوسری مخلوق کا کیا۔ مجھ سے خدا کا کیا سلوک ہو گا اور دوسری مخلوق سے کیا۔ اِس آیت میںخدا تعالیٰ نے اِسی طرف انسان کو متوجہ کیا ہے اس لئے اس سے وہ نصیحت حا صل کر سکتا ہے۔
اس کے علاوہ ایک بات کا بھی اس سے پتہ لگتا ہے اور وہ یہ کہ بہت لوگ سوال کرتے ہیں کہ ہمیں یہ کیونکر معلوم ہو کہ ہم متقی ہیں یا فا جر اور خدا ہم سے خوش ہے یا نا خوش؟ اس آیت سے یہ سوال بھی حل ہو جاتا ہے۔ اللہ تعالیٰ فرماتا ہے کیا متقی اور فا جر برابر ہوتے ہیں؟ یعنی نہیں ہوتے ۔اس کے متعلق ہر ایک انسان اپنے نفس سے مطالبہ کر سکتا ہے کہ بتائو تم سے خد ا کا کیا معاملہ ہے؟ دنیا میں کوئی انسان ایسا نہیں ہے جو کسی نہ کسی رنگ میں اپنے مخالف اور موافق لوگ نہ رکھتاہو۔ وہ اپنا اور اپنے مخالفوںکا اور اپنا اور اپنے ساتھیوں کا مقابلہ کر کے دیکھے کہ اگر ہر مصیبت اور تکلیف اور ہر رنج کے وقت خدا مدد کرتا ہے اور کسی حالت میں خواہ رنج کی حالت ہو یا راحت کی وہ مجھے نہیں چھو ڑتا اور ہمیشہ دشمنوں پر فتح دیتا ہے اور برخلاف اس کے دشمنوں کو ذلیل، ناکام اور نا مراد رکھاتا ہے تو وہ سمجھ لے متقی اور فاجر برابر نہیں ہو سکتے ۔ مجھ سے چو نکہ متقیو ں والا سلوک ہو رہا ہے اور میرے مخالفین سے فاجروں والا اس لئے میں متقیو ں میں شامل ہوں۔لیکن اگر اس سے فا جروں والا سلو ک ہو تاہو تو سمجھ لے کہ مجھ میں ضرور نقص ہے اس لئے مجھ سے ایسا سلو ک ہو ر ہا ہے ورنہ نہ ہو تا۔ اس سے ہو شیا ر ہو کر اپنی اصلاح شروع کر دے۔اگر کسی کی خدا تعالیٰ غم کی گھڑیو ں میں مدد کرتا اور خو شی کی گھڑیوں میں ساتھ دیتا ہے، اُس کی کوششوںکو بار آور بنا تا اور اُسے دشمنوں پر غلبہ دیتا ہے تو سمجھ لے کہ میں خدا کی رضا اور اس کے صحیح رستہ پر چل ر ہا ہوں۔ اور اگر ایسا نہیں تو وہ سمجھ لے کہ مجھ میں نقص ہے جس کی اصلاح کر نی چاہئے۔تواِس آیت کی وجہ سے ہر ایک انسان کے لئے اپنے نفس کا موازنہ کر نا آسان ہو گیا۔وہ دیکھ سکتا ہے کہ میں مو منانہ راستہ پر چل رہا ہوں یا کافرانہ پر، متقیا نہ قدم اُٹھا رہا ہوں یا فا جرانہ۔ اس میں شک نہیں کہ مو منوں اور متقیو ں پر بھی مصائب آتے ہیں لیکن ایک مومن کو خدا تعا لیٰ دشمن کے مقابلہ میں کبھی اِس طر ح نہیں گراتاکہ اسے کسی گنا ہ کا مرتکب ہو نا پڑے۔ یہ مو من اور کافر، متقی اور فا جر کے مصائب میں فر ق ہے۔ مومن اور متقی کو کسی بڑی سے بڑی مصیبت کے وقت بھی کسی قسم کے فریب، دغا اور حیلہ سازی کی ضرورت نہیں پڑتی۔ ان باتوں پر خدا اُسے کا میابی دیتا ہے۔ مگر ایک کافر اور فا جر پر جب ایک مصیبت آتی ہے تو وہ گناہ کی طرف لوٹتا ہے اور گناہ کا ارتکاب کرتا ہے۔ پس جب کوئی شخص مصیبت کے وقت ایسا کرتا ہے وہ دیکھے کہ اس کے اندر گنا ہ کا ما دہ تھا تب ہی وہ گنا ہ کی طرف لو ٹا ہے۔ مو من اور متقی کو کبھی ایسے واقعات پیش نہیں آئیں گے جو اسے بدی کے لئے مضطر کر دیں اور جسے کوئی ایسا مو قع آتا ہے وہ سمجھ لے کہ اس میں نقص ہے۔پس یہ آیت اپنے نفس کا مطالعہ کرنے کا آسا ن طر یق بتا تی ہے اس سے فا ئدہ اُٹھا نا چا ہئے۔
اللہ تعالیٰ مجھے اور آپ لوگوں کو اور ہماری تمام جماعت کو اس بات کی توفیق دے کہ خداتعالیٰ نے جو سامان اور طاقتیں ہمیں بخشی ہیں ان کو ہم صحیح طور پر استعمال کرکے اُس کا فضل حاصل کرنے کے قابل بنیں اور ایسا نہ ہوکہ ان کے غلط استعمال سے ہمارا قدم کسی اور راہ پر جاپڑے ۔ ‘‘ (الفضل۱۸؍اپریل ۱۹۱۶ئ)
۱؎ ص: ۲۸،۲۹
۲؎ بیا: ایک چھوٹی زرد رنگ کی چڑیا جو گھونسلا بنانے میں مشہور ہے۔
۳؎ دروس الادب صفحہ ۹۰
۴؎ طٰہٰ: ۱۱۵
۵؎ مینا: ایک خوش الحان پرندہ
۱۳
خدا کی اطاعت کرنے والے ہی اُس کے انعامات کے وارث ہو ں گے
(فرمو دہ۲۸؍ اپریل ۱۹۱۶ئ)
تشہد،تعوذاور سورۃ فاتحہ کے بعد حضور نے مندرجہ ذیل آیات کی تلاوت کی:۔
۱؎
بعد ازاں پھر فرمایا:۔
’’انسان کو خدا تعا لیٰ نے سب سے بڑے انعامات کا وارث بنایا ہے اور اس کی ترقیات کے لئے بڑے بڑے و سیع را ستے کھو لے ہیں حتی کے انسان ان را ستوں کو محدود نہیں کر سکتا جو طریق یا راستے مدراج کے حصول کے لئے مقرر کئے گئے ہیں چہ جائیکہ ان مدارج کو محدودکر سکے۔ دنیا کے مختلف پیشے اور علوم بھی اگر انسان گننے لگ جا ئے تو وہ بھی ایسی کثرت اپنے اندر رکھتے ہیں کہ ان کا گننا بھی مشکل ہو جا تا ہے۔ہر سورج انسان کے لئے نئے علوم اور ترقیات لاتا ہے۔ پس جب اِس قدر انعاما ت انسان کے لئے مقرر ہیں تو ضرور تھا کہ اس کے لئے ابتلا ء اور مشقتیںبھی مقرر کی جا تیں ۔انعامات کا وارث وہی ہو اکر تا ہے جو اپنے آپ کو ان انعامات کا مستحق ثابت کرے۔ انعام محنت کے بدلے میں اور کسی استحقاق یا کسی خاص حالت کی وجہ سے ملتے ہیں ورنہ ایک جیسے انسا نوں کو انعامات نہیں ملا کرتے۔ پا نچ سات آدمیو ں میں انعام لینے والا و ہی ہو گا جو اپنے اندر کوئی خاص امتیاز ر کھتا ہو گا۔ پس جہاں ایسے وسیع انعامات مقرر ہوئے ہیں وہاں ابتلاء بھی مقرر ہیں جس طرح انسا ن ان انعامات کو جو اس کے لئے مقرر ہیں گن نہیں سکتا اِسی طرح انسان اُن ابتلائو ں کو بھی جو اُسے پیش آنے والے ہیں گن نہیں سکتا جن میں پڑکر انسان ان انعامات کا جو اس کے لئے مقرر ہیں وارث ہو تا ہے۔ خدا تعالی کے جس قدر انعامات غیر محدود ہیں اُسی قدر خدا کے ابتلاء بھی غیر محدود ہیں۔ اگر صداقت کے رد کرنے والے اور خدا تعالیٰ کی درگاہ سے دورہو جا نے والے لوگو ںکو پو چھو کہ کیوں تم نے یو ں کیا؟ تو ہر شخص اپنے لئے جدا جدا با عث بتا ئے گا۔ جو وجہ ایک کی ہو گی وہ دوسرے کی نہیں ہو گی ۔ ایک کے لئے روک اَور ہوگی، دوسرے کے لئے اَور تیسر ے کے لئے اَور، چوتھے کے لئے اَور، پانچویں کے لئے اَور۔ ان میں سے ہر ایک شخص جو اس صداقت کو نہیں مانتا وہ اپنے لئے مختلف وجہیں رکھتا ہے۔
غرضیکہ ہر ایک کے لئے جدا جدا ابتلاء ہیں ۔ یہ آزمائشیں دودرجوں میں منقسم ہیںایک آزمائشیں انعام کی ہو تی ہیں دوسری عذاب کی ہو تی ہیں ۔یا تو ایسی آزما ئشیں ہوتی ہیںکہ وہ انعاما ت کا رنگ رکھتی ہیںیا کوئی بڑا ہو جا تا ہے دولت مل جا تی ہے اس کے لئے ان کی دولت ابتلا ء ہو جا تی ہے۔وہ خیال کر تا ہے کہ یہ کس طرح ہو سکتا ہے کہ میں ایک مفلس نا دار آدمی کو جس کی کچھ بھی لوگوں میں حیثیت نہیں مان لوںاور اس کا فرمانبردار بن جا ئو ں۔عہدہ دار خیال کر تا ہے کہ یہ کس طرح ہو سکتا ہے کہ ہم اپنے ما تحت کی بیعت کر لیں۔ اِسی طرح کسی کے لیے اس کا آرام اور آسائش سامانِ ابتلاء ہو جا تا ہے۔ہم نے ایسے آرام سے زندگی بسر کی ہے ایسی آسائشوں اور نعمتوں میںپر ورش پا ئی ہے اب اگر دین پر چلیں گے اور کسی کے ماتحت ہوں گے تو یہ آرام اور آسائش نہیںرہے گی۔ اِس طرح آرام اور آسائش بعض لو گوں کے لئے ابتلاء کا موجب بن جا تی ہے۔ایک طالب علم ایک سال میں وظیفہ لیتا ہے تو دوسرے سال کے لئے بھی اس کے دل میں شوق پیدا ہو جا تا ہے کہ وہ اس سال بھی و ظیفہ لے۔ تو بجائے اس کے کہ یہ لو گ اس ما ل، اس دولت، اس بزرگی اور اس بر تری اور عیش و تنعم کے سامان سے فا ئدہ اُٹھائیںاور یہ خیال کر یں کہ وہ خدا جس نے بغیرکسی قسم کی محنت کے، بغیرکسی قسم کی مشقت کے اِس قدر انعامات ہم پر کئے ہیںاگر ہم اُس کی اطاعت اور فرما نبرداری کر یں گے تو کس قدر انعامات حاصل ہو ں گے۔ان لو گو ں نے اِسی قدر پر قناعت کر لی ہے۔
دوسری قسم کے وہ لوگ ہیںکہ ان کے لئے یہ آزمائشیں مصائب کے رنگ میں ہو تی ہیں ۔ وہ یہ سمجھ لیتے ہیں کہ ہمیں آگے کو نسا سکھ ملا ہے اور ہم آگے کس آرام میں ہیںکہ اس کو ما ن کر وہ پا لیں گے۔کو ئی خدا کی طرف سے آیا ہو تو ہمیں اس کو ما ننے سے کیا۔ہم آگے ہی دکھوں اور مصیبتوں میں ہیں اس کو مان کر اَور دکھوں اور مصیبتوں میں پڑ جا ئیں گے۔ پس اگر ایک طرف انعامات کے ذریعے سے آزمائشیںہوتی ہیں تو دوسری طرف مصائب اور مشکلات کے ذریعے سے بھی لو گ آزما ئے جا تے ہیں۔
پھر آگے ان دونوں قسموں کی ہزار قسمیں ہیںلیکن اگر انسان ذرا غور کرے کہ کوئی فا ئد ہ نہیں پہنچ سکتا جب تک کہ اس کے لئے محنت نہ کی جائے تو پھر انسان کے لئے اللہ کی راہ میں محنتیں اور مشقتیں کو ئی چیزنہیں ۔ وہ فوائد جن کے لئے انسان کو ا مید ہو تی ہے کہ ہمیں مل جائیں گے، ان کے لئے انسان کس قدر محنت کر تا ہے اور رات دن لگا رہتا ہے۔ اس لئے کہ اس محنت میں ایک فا ئدہ دیکھتا ہے اور اسے یقین ہو تا ہے کہ وہ اسے جلد ملنے والا ہے۔بہت سے لو گ ہیں جو سمجھتے ہیں کہ انہیں یہ فا ئدہ حاصل ہے مگر دراصل وہ انہیں حاصل نہیں۔ پس اگر انہیں یہ یقین ہو جا ئے کہ جو کچھ اللہ کا رسول لا یا ہے اگر ہم اس کو مان لیں گے تو اللہ تعالیٰ کے انعامات کے مستحق ہو جائیں گے تو پھر ان مصائب کو اس رسول سے روکنے کی وجہ نہ بتاتے بلکہ فورا ًاس کو مان لیتے۔
اللہ تعالیٰ فرما تا ہے کہ یہ لوگ سمجھتے نہیںکہ جس با ت کو یہ لوگ ردّکر تے ہیںاس کے ما ننے میں بڑے بڑے انعامات ہیں اور اس کے نہ ماننے میں بڑی بڑی تکلیفیں، مشقتیں اور عذاب۔ وہ قوم جو مصائب کو دیکھ کر کسی فا ئدے کو چھو ڑ دے بجائے آگے قدم ما رنے کے پیچھے رہتی ہے۔ ایک انسان کو اگر ایک راستے پر گزرنے سے کپڑوں اور مال کے لوٹے جا نے کا خطرہ ہو اور دوسرے راستے پر گزرنے سے جان جا نے کا خطرہ ہو تو وہ یہ خیال کر کے کہ’’ جان بچی سو لاکھوں پا ئے‘‘ اُس راستہ کو ترک کرے گا جس میں اس کی جان جانے کا خطرہ بنے اور اُس رستہ کو اختیار کر ے گاکہ جس میں اس کے ما ل کا اندیشہ ہے ۔پس اسی طرح جسے یہ یقین ہو جائے کہ اللہ تعالی کی نافر مانی کر کے اور اس کی بھیجی ہو ئی صداقتو ں کا انکا ر کر کے جو عذاب ملنے والا ہے وہ ان مشقتوں اور تکلیفو ں سے بہت بڑھ کر ہے جو ایک صداقت اور اس کے لا نے والے کو مان کر پڑنے والی ہیں تو پھر انسان ان صداقتوں کا انکا ر نہیں کر سکتا اور ان مصیبتوں اور مشقتوں سے نہیں گھبراتا۔
جو لوگ صداقتوں کے منکر ہوں وہ مجبور ہیں لیکن جو جماعت صداقت قبول کر چکی ہے اور اس پر ایک اور ایک دو کی طرح یہ روشن ہو گیا ہے ایسی جماعت کے پیچھے ہٹنے پر ازحدافسوس ہے۔ ہماری جما عت کے لئے بھی یہ ایک امتحان کا موقع ہے اس کو بھی اللہ تعالیٰ کی طرف سے ایک حکم ملا اور وہ ایسے برگزیدہ انسان کے ذریعہ آیا جس کی نو حؑ سے لے کر نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم تک کے پیغمبروں نے خبر دی تھی اور نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے بعد اولیاء اور خداکے برگزیدہ انسان اس کے متعلق بیان کرتے چلے آے تھے بلکہ اس کو دیکھنے کے مشتاق تھے۔ اس کے ساتھ اللہ تعالیٰ نے بڑے بڑے وعدے کیے تھے۔ پھر اس کے ساتھ وعدہ تھا کہ جو میرے احکام کی فرمانبرداری کریں گے وہ میرے انعامات کے وارث ہو ں گے۔ کیا ہما ری جما عت نے اِس با ت پر غور کیا کہ کیا وہ مشقتیں جو ان انعامات کے لئے ضروری ہیں برداشت کر چکی ہے؟افسوس آتا ہے جب کہتے ہیں کہ گائوں والے دُکھ دیتے ہیں کیا ایسا انسا ن خدا تعالیٰ کے انعامات کا وارث ہو سکتا ہے؟
اللہ تعالیٰ فرما تا ہے کہ انسان انسان کو کیا دکھ دے سکتاہے۔فرعون بڑا مشہوراور چالاک بادشاہ تھا۔ اُس نے حضرت مو سیٰ کے مقابلہ کے لیے کچھ آدمی منتخب کئے۔ ان کی یہ حالت تھی کہ فرعون ان کو اپنا مصاحب اور درباری بنا نے کا و عدہ کر تا ہے اور ان کی یہی خواہش ہو تی ہے کہ ہمیں کچھ مل جا ئے۔ ان کے علم کی کمزوری اور ان کی جہا لت کی وجہ سے بادشاہ کے درباریوں میں شامل ہو جا نا کو ئی چیز نہیں دو چا ر روپے مل جائیں۔ ایسی جہالت میں پڑے ہو ئے لو گوں کے سینے خدا کے پیغام کے لئے کھل جا تے ہیں۔و ہی فرعون جس سے پیسے ما نگتے تھے وہ اب ڈراتا ہے دھمکاتا ہے کہ میں تمہارے ہا تھ پا ئو ں کاٹ دوں گا ۔ وہ کہتے ہیں کہ پھر ہو ا کیا اِس کا نتیجہ موت ہی ہو گا نہ کہ کچھ اور ۔ہم خدا کے پا س ہی جا ئیں گے۔ کیا خو ب وہ جواب دیتے ہیں کہ تم اگر ہمیں ما ر دو گے تو ہمیں تو جنت مل جا ئے گی ۔جس مو ت سے تم ہمیں ڈراتے ہو وہ تو ہمارے لئے جنت کا دروازہ کھو لتی ہے۔ انسان کا عذاب کچھ عذاب نہیں ہو تا ۔ جس انسان سے انسان ڈرتا ہے ڈرنے والے کو کیا معلوم کہ اس کی کس وقت جان نکل جا ئے گی۔
ایک خداکے بزرگ تھے بادشاہ دہلی نے کہا کہ ہم سفر سے وا پس آکر تمہیں مروا ڈالیں گے۔وہ سفر سے جب واپس آنے کے قریب ہو ا تو بزرگ کے شاگردوں نے انہیں کہنا شروع کیا اب تو بادشاہ آتے ہیں کو ئی انتظام کر نا چا ہیے۔ اُنہوںنے کہا ہنوز دہلی دور است۔ پھر جب بادشاہ و ہاں سے چل پڑا تو پھر مریدوں نے کہا کہ حضور! اب تو بادشاہ وہاں سے روانہ ہو چکا ہے کوئی انتظام ہو نا چاہئے۔ انہوں نے کہا ہنوز دلی دُوراست ۔ پھر انہوں نے جب بادشاہ دو چار منزل آگیا عرض کیا کہ حضور! اب تو دو چار منزل آپہنچا۔ کہنے لگے ہنوز دلی دُور است ۔ جب ایک منزل پر پہنچا تو لو گو ں نے کہا حضور !اب تو ایک منزل پر پہنچ چکا حضور کو ئی انتظام فرمائیں۔مطلب یہ کہ امراء و غیرہ سے کہہ کر معا فی مانگ لیں ۔ انہوں نے پھر اپنے پہلے جواب کو ہی دُہرایا ہنوز دلی دور است ۔خد تعالیٰ نے بادشاہ کو ایسے عذاب میں گرفتا ر کیا کہ دلی میں داخل ہو نے سے پہلے بیما ر ہو ا اور ان کے دریافت حال سے پہلے پہلے مر گیا۔ جو انسان خد ا کے حضور میں اپنا معاملہ ڈال دیتا ہے اُس کو انسان بے چارہ کیا دکھ دے سکتا ہے۔
اور اگر منشا ء الٰہی یہی ہو کہ اسے کچھ مشقتیں اور مصیبتیں اُٹھانی پڑیں تو ان سے گھبرانے کی کوئی وجہ نہیں ۔دونوں بڑی بڑی رحمتوں اور انعامات کا سرچشمہ ہیں۔ ایک انسان جان بچانے کے لئے بھا گتا ہے اور اس بھا گنے میں اسے بڑی تکلیف اٹھا نی پڑتی ہے، پسینہ آجا تا ہے، ٹھوکریں کھا تا ہے ، بھو ک پیاس برداشت کرتا ہے ۔ ایک مکان میں آگ لگ جا ئے تو اُس وقت یہ کھڑکی سے کو د پڑتا ہے، جان کو خطرے میں ڈال دیتا ہے ، آگ سے بچنے کے لئے کودنا اسے دوبھر معلوم نہیں ہو تا۔ جہا ں انعام ہو اس کے لئے مشقت برداشت کر نا کو ئی مشکل نہیں ۔ پس جو خدا تعالیٰ کے انعامات کا وارث بننا چا ہتا ہے تو اسے کسی کے دکھ دینے کا کیا فکر ہے چھوٹے سے چھوٹا عذاب مو من کے لئے مو ت ہے۔اگردشمن اسے جا نی یا ما لی تکلیف دیتے ہیں تو موت تک دیتے ہیں لیکن مو ت کے بعد پھر تو کو ئی عذاب نہیں۔
صحابہ موت کو معمولی سمجھتے تھے اور یہی ان کی ترقی کا راز تھا ۔ ایک دفعہ ایک شخص کا فروں میں سے نکلااور اس نے بہت سارے مسلمانوں کو شہید کیا۔ حضرت ضراربن ازدرجو مسلمانوں میں بہت بہادر تھے اور جن کا تا ریخ میں بہت ذکر آتا ہے اس کے مقابلے کے لئے نکلے اور تھوڑی دیر کے بعد یہ اس کے سامنے سے بھاگے ۔ مسلمانوں میں بھاگنا ہو تا ہی نہیں تھا سب مسلمان حیران کھڑے تھے کہ انہیں یہ کیا ہو گیاچنانچہ وہ اپنے خیمے میں گئے اور پھر تھوڑی دیر کے بعد وا پس آئے تو باقی فوج کے آدمیو ں نے کہا آپ نے یہ کیسی بُزدلی دکھائی اور اسلام کے برخلاف کام کیا اور آپ ایک کافر کے سامنے سے بھا گے ؟ آپ نے کہا کہ میں اس لئے نہیں بھاگا تھا کہ مجھے جان کا خوف تھا بلکہ جب میں اس کافر کے مقابلہ پر نکلا تو جسم پر زِرہ تھی مجھے خیال ہوا کہ یہ زِرہ موت کے خوف سے ہے اگر موت اس زِرہ کے پہننے کے باوجود بھی آ جائے تو اچھی بات نہیں ۔ کیا خدا کو میں جا کر یہ کہو ں گا کہ الٰہی! میں تیری ملا قات کا شائق نہ تھا جو میں نے ایک کا فر کے مقابلہ میں زِرہ پہن لی تھی اِس لئے میں بھا گا کہ میں جلد جا کر زِرہ اُتار دوں اور پھر اس کا فر کا مقابلہ کروں تا اگر مارا جائوں تو خداکے حضور کہہ سکوں میں آپ کی ملاقات کا شائق تھا۔
اِسی طرح حضرت خالد ؓمو ت کے وقت رونے لگے ۔ کسی نے کہا آپ کیو ں روتے ہیں؟ فرمایا میں موت سے نہیں روتا بلکہ اس لیے روتا ہوں کہ میں ہمیشہ جنگ میں اس تمنا سے شامل ہو تا رہا کہ اگر یہاں مارا جائو ںتو شہادت کا رُتبہ پا ئوں لیکن افسوس کہ آج میں بستر پر جان دے رہا ہوں۔۲؎
الغرض مومن کے لئے موت سب سے چھوٹی تکلیف ہے جس کو لوگ سب سے بڑا سمجھتے ہیں ۔ موت تو اُس پردے کے چاک کرنے کا نام ہے جو بندے اورخداکے درمیان ہوتاہے۔ پس جب بڑی مشقت سب سے چھوٹی نکلی تو اور عذاب اور مشقیتں کیا چیز ہیں جس سے وہ ما یو س ہو جائیں ۔ذلیل کر نیوالے عذاب مومن پر نہیں آتے۔ اور جو دکھ اُسے پہنچائے جا تے ہیں وہ اس کے لئے کو ئی تکلیف کا باعث نہیں ہو تے ۔ حضرت ابرہیم ؑکو آگ میں ڈال دیا وہ ان کے لئے گلزار ہو گئی اور جلا نہ سکی۔ خیر وہ تو خدا کے نبی تھے اور سلسلہ کے آخری پیغمبر تھے جو کبھی قتل نہیں ہو تا لیکن اگر کو ئی اور خدا کا پیارا ہوتا اور وہ اس آگ میں جل بھی جا تا تو اس کے لئے وہ جل جا نا بھی گلزار تھا ۔ کا فر کو جو عذاب آتے ہیں وہ ما یو س کر نے والے ہو تے ہیں لیکن مومن کو کوئی ایسا عذاب نہیں آتا جو مایوس کر دینے والا ہو ۔
ہماری جماعت کے لیے یہ بڑی قابل غور بات ہے کہ کن مصائب سے ڈر کر وہ اللہ تعالیٰ کے احکام میں کو تا ہی کرتے ہیں ۔ کیا کوئی قوم ایسی گزری ہے جس نے بغیر مشقتیں اور تکلیفیں اُٹھانے کے کوئی انعام حاصل کیا ہو؟ اگر ہو تی تو وہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی ہی جما عت ہوتی۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم سے بڑھ کر کو ئی انسان نہیں گزرا، آپ صلی اللہ علیہ وسلم سے بڑھ کر کوئی خدا کا پیارا نہیں گزرا ۔اگر مصیبتوں سے بچ کر کوئی جماعت خدا تعالیٰ تک پہنچ سکتی تو آپ کی جماعت ہی ہوتی۔لیکن برخلاف اِس کے یہ جماعت سب سے زیادہ تکلیفیں اُٹھا نے والی ہوئی ہے۔تو پھر کسی احمدی کے لئے یہ خیال کس طرح صحیح ہو سکتا ہے کہ وہ بغیر کسی قسم کی محنت، مشقت برداشت کئے خدا تعالی تک پہنچ سکے۔مصائب اور مشقتوں کے بغیر ترقی نہیں ہو سکتی۔ جب تک انسان جان کو دکھوں میں نہ ڈالے اور تکلیفیں برداشت نہ کرے اس وقت تک اسے انعام نہیں مل سکتا۔ اللہ تعالیٰ کی ملا قات اور رضا کوئی معمولی نہیں جو اس کے لئے انسان کو کو ئی مصیبت اور تکلیف برداشت نہ کرنی پڑے اور وہ یو نہی حا صل ہو جا ئے حالا نکہ وہ اُس وقت تک حاصل ہو ہی نہیں سکتی جب تک انسان طرح طرح کے دکھ اور مصائب برداشت نہ کرے۔اللہ تعالیٰ ہمارے بھائیوں کو اور ہمیں توفیق عطاء فرمائے کہ اس کی رضاء میں کسی قسم کی قربانی کرنے سے گھبرائیںنہیںاور اُس کی رضاء کے لئے ہر طرح کی محنت اور مشقت اختیا ر کر کے ہم اس کو پانے کے قابل ہو ں ۔‘‘ (اٰمِیْنَ یَا رَبَّ الْعٰلَمِیْنَ) (الفضل۶؍مئی ۱۹۱۶ئ)
۱؎ التوبۃ: ۸۱،۸۲
۲؎ اسد الغابۃ جلد۲ صفحہ۹۵ مطبوعہ ریاض ۱۲۸۵ء
۱۴
باقاعدہ باجماعت نماز ادا کریں
(فرمودہ۵؍مئی۱۹۱۶ئ)
تشہد،تعو ذاور سورۃ فا تحہ کے بعد حضور نے مندرجہ ذیل آیات کی تلاوت کی:۔
۱؎
اور فرما یا :۔
’’قرآن کریم کی دوسری سورۃ کے پہلے رکوع میں اللہ تعالیٰ نے مو منوں کی کچھ نشانیا ں بتائی ہیں ۔ ان علامتوں میں سے جو مو منوں کی اللہ تعالیٰ نے بیا ن فر مائی ہیںایک علامت پر کچھ بیا ن کرنا چا ہتا ہوں۔یعنی وہ اقامتُ الصلٰوۃ کرتے ہیں یُصَلُّوْنَ نہیں فرمایا۔ فرمایا ہے۔قرآن کریم کا کو ئی لفظ لغو نہیں۔کو ئی لفظ قافیہ بندی کے لئے نہیں آتا۔ جب خود صلوٰۃ کے لفظ سے ہی یہ مضمون ادا ہو سکتاہے تو قرآن شریف جو اختصار کا سب سے زیادہ خیال رکھتا ہے اس نے کیو ں رکھا؟ یہ ایک سوال ہو تا ہے ایک ایسا شخص جس نے قرآن کریم پر غور نہ کیا ہو وہ بہت آسانی سے جو اب دے گا کہ آخر خدا نے کو ئی لفظ تو رکھنا ہی تھا یہی رکھ دیا لیکن وہ شخص جس نے قرآن کر یم پر غو ر کیا اور تدبر اور اِمعان سے اس کو دیکھا ہو وہ یہ نہیں کہہ سکتا۔ اُسے اقرار کرنا پڑے گاکہ اس لفظ کے رکھنے میں کوئی حکمت ہے ورنہ دو کیو ں رکھے ایک کیو ں نہ رکھ دیا۔ وہ حکمت یہ ہے کہ اس رکو ع میں اصولِ اعمال اور اصولِ عقائد کا بیان ہو رہا ہے اور ان میںاسلام کی تعلیم کا نقشہ کھینچ دیاگیا ہے۔محض یہ نہیں بتایا کہ نماز پڑھنی فرض ہے بلکہ اسلام کا خلاصہ بتایا کہ اسی چیز کا نام اسلام ہے۔جب فرداًفرداًکو ئی بات بیا ن کی جا تی ہے تو صرف ا س کے متعلق بیا ن کر دیا جا تا ہے لیکن جب اصولاً سب کا خلاصہ بیا ن کیا جا تا ہے تو ایسے لفظ رکھے جا تے ہیںجو تمام معنوں پر حا وی ہوں جس طرح زکوٰۃ کے لئے بیا ن ہو ااِس کے ہر حصے اور شعبے کو بیا ن کر دیا ۔ اِسی طرح نما ز کے لئے بھی بیان ہو ا ہے۔
اَقَامَ کے معنی ہو تے ہیںکہ کسی چیز کو اُس کی تمام شرائط سے پورا کر دینا ۔اقامت کے معنی کھڑا کرنا ہے۔اور کھڑا ہو نا چستی کی علامت ہے جس طرح بیٹھ جا نا سستی کی۔جس وقت عربی میں اَقَامَ الْاَمْرَ کہیں گے تو اِس کے یہ معنی ہو ں گے کہ اُس نے کام کی تمام شرائط پو ری کر دی ہیںتو چو نکہ یہاں خلاصہ بیا ن کر نا شروع کیا اِس لئے فرما یا نما ز کے لئے جس قدر احتیاط ہو سکتی ہے اُس سے کا م لیتے ہیں و ضو کرتے ہیں تو پو را کرتے ہیں، نما ز پڑھتے ہیںتو خشوع و خضو ع سے پڑھتے ہیں، رکوع اور سجود بڑے سکون سے کر تے ہیں ، ٹھہر ٹھہر کر اس کو ادا کرتے ہیں، جو باتیں خواہ قرآن نے اُنہیںبیا ن کیا ہو یا احادیث سے ثابت ہوںان تمام شرائط سے وہ نما ز کو ادا کرتے ہیںتب وہ جاکر متقی بنتے ہیں ۔اگر یوں ہی پڑھ لی جا تی ہے تو وہ مصلّی ہے اس لئے کے ماتحت ہم اُس کو یہ نہیں مان سکتے کہ وہ متقی ہے۔ اس تعریف کے ماتحت آکر جو بیا ن کی گئی ہے متقی ہو گیا ۔ پس ہر ایک مسلم کو چاہئے کہ وہ اپنی نماز کے متعلق دیکھے کہ وہ اقا مۃ الصلٰوۃ کرتاہے یا صرف نماز پڑھتا ہے کیو نکہ قرآن شریف متقی کی تعریف میں بتاتا ہے کہ وہ اقامۃ الصلٰوۃ کرتے ہیں ۔پس جو اقامۃ الصلٰوۃکر تے ہیںوہی متقی ہیں۔
اِس زمانے میں بہت سے لوگ ہیں جو اقامۃ الصلٰوۃ کا مقصد نہیں دیکھتے حا لا نکہ نماز کا مطلب تو یہ تھاکہ خداتعالیٰ تک پہنچنے کا ذریعہ ہو۔ وہ غور کریں کہ وہ کون کونسی ایسی با تیں ہیںجو ہماری نماز کو خدا تعالیٰ تک پہنچنے کا ذریعہ بنا تی ہیں اقامۃ الصلٰوۃ یہی تو ہو تی ہے۔بہت ہیںجو ہماری جماعت میں سستی کر تے ہیںاور بہت ہیں جو مسجد میں نہیں آتے اور بہت ہیں جو وقتوں کے پا بند نہیں۔ اور با توں کا تو ہماری جما عت خدا کے فضل سے بہت خیال رکھتی ہے لیکن ابھی ایک سب سے بڑا نقص ان میں یہ ہے کہ مساجد میں نماز نہیں پڑھتے حا لانکہ یہ بھی شرائط اقامۃ الصلٰوۃ میں داخل ہے۔اور آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے اسے اس قدر ضروری قرار دیا ہے کہ فرماتے ہیں کہ میرا دل چا ہتا ہے کہ جب صبح یا عشاء کے لیے جماعت کھڑی ہو تو میں کچھ آدمیوں کے سروں پر لکڑیوں کے گٹھے لے کر ان لوگوں کے گھر چلا جا ئوں جو جماعت میں حا ضر نہیں ہوتے۔ اور انہیں گھر کے گرد چن کر گھر کو آگ لگا دوں۔ ۲؎ آپ کیسے رحیم ،کریم ، نرم مزاج اور شفقت رکھنے والے انسان تھے لیکن جما عت کے چھو ڑنے پر اور پھر صبح اور عشاء کی جماعت چھوڑنے پر کہ ایک میں سونے کے وقت ہو نیکی وجہ سے نیند غلبہ کئے ہو ئے ہو تی ہے اور دو سری میں بھی نیندکا غلبہ ہوتا ہے اور انسان اس حا لت میں مجبور ہو تاہے کہ اس سے دیری ہو جا تی ہے یا جماعت جا تی رہتی ہے یہ سزا تجویز فرمائی ہے۔ لوگ تو کہتے ہیں کہ یہ ان نمازوں (صبح و عشائ) کے لئے تا کید ہے لیکن میرے خیال میں تو آپ نے گویا فرما یا ہے کہ ان نما زوں کے جماعت سے نہ پڑھنے کے لئے اس قدر عذاب دینا ضروری معلوم ہو تا ہے حالانکہ انسان ان میں مجبور ہوتا ہے۔ تو ان نمازوں کے متعلق کس قدر ضروری اور سخت یہ حکم ہو ا جن میں یہ مجبوری نہیں ہو تی اور یہ تنگیا ں نہیں پا ئی جا تی۔ اِس لئے ان میں حاضر نہ ہو نے والا کس قدر سزا کا مستوجب ہے۔یہ نہیں فرمایا گھر کو آگ لگا دوں بلکہ فر مایا آدمیو ں سمیت جلا دوں۔ یہ کلام ایسے انسان کے منہ سے نکلنا جو کرم میں ، رحم میں ، شفقت اور محبت میں سب سے بڑھا ہو ا تھا بتاتا ہے کہ جماعت سے نماز سخت ضروری ہے۔ اور کسی بات کے متعلق آپ نے یہ حکم نہیں فرمایا صرف نماز کے وا سطے ہی یہ حکم دیا لیکن باوجود اس کے بہت لوگ ہیں جو گھروں میں ہی نماز پڑھ لیتے ہیں ۔
میںنے پیچھے کبھی بیان کیا تھا اور کہا تھا کہ اگر کسی گائوں میں ایک ہی احمد ی ہو اور غیر احمدی اسے مسجد میں نما ز نہ پڑھنے دیتے ہو ں اِرد گرد نزدیک کو ئی اور احمدی نہ ہو تو وہ احمدی اپنے بیوی بچو ںکو جمع کر کے نماز اپنے گھر میں با جما عت پڑھ لیا کرے تا کہ عا دت قا ئم رہے کیو نکہ جب عادت نہ ہو تو انسان مو قع ملنے کے باوجود بھی پھر اس سے رہ جا تا ہے۔ بعض لو گو ں نے اس کا نتیجہ غلط نکال لیا اور سمجھا کہ جماعت میں جا نے کی ضرورت ہی نہیں گھر کے بال بچو ں اور بیو ی کو کھڑا کیا اور گھر میں ہی نماز پڑھ لی ۔ ابھی کل خط آیا ہے جس میں ایک شخص نے کہا تھا کہ میں نے جب لوگوں کو مسجد میں نماز کے لئے تاکید کی تو لو گوں نے کہا کہ تمہیں وہ تقریر یاد نہیں رہی جس میں حضرت صاحب نے حکم دیا ہے کہ گھر میں ایک کمرہ بنا لو اور اپنے بیوی بچوں سے مل کر باجماعت نماز پڑھ لیا کرو۔ حالانکہ اُس تقریر میںمیرا یہ مطلب نہ تھا میں نے تو کہا تھا کہ جہاں صرف ایک ہی احمدی ہو، اِرد گرد غیر احمدی ہی غیر احمدی ہو ں اور اسے مسجد میں نماز نہ پڑھنے دیتے ہوں تو جما عت کی پا بندی کے لئے وہ اپنے بیو ی بچوں کو سا تھ کھڑا کرکے جما عت کر لیا کرے ۔ میر ا ہر گز یہ منشاء نہیں کہ جہا ں مسجدیں ہو ں، پھر اپنی مسجدیں ہو ں یا جس جگہ میں ایک بھی اَور احمدی ہو تو وہاںبھی گھر میں ہی نما ز پڑھ لو۔
آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم مسجد میں آنے کو ایسا ضروری قرار دیتے ہیں فرما تے ہیں کہ جو شخص مسجد میں نماز پڑھتا ہے اُسے تم مومن سمجھو۔ گویا مسجد میں آنا اُس کے ایمان کی علامت قرار دی ہے۔ پس ہما ری جماعت کو چاہئے کہ کوئی مسجد مقرر کر کے و ہاں جمع ہو ں اور جہاںکوئی مسجد نہ ہو و ہا ں کو ئی کمرہ کرایہ پر لے لیویں اور اِس طرح با جماعت نماز ادا کر یں ۔ ہا ں اگر بعض لوگوں کو اپنے دفاتر کے وقتوں اور رخصت نہ ملنے کی وجہ سے یا کو ئی اور ایسی ہی مجبوری ہو تو اوقاتِ دفاتر کے علاوہ با قی نمازوں کو جما عت کے ساتھ آکر پڑھا کریں۔اور بڑے بڑے شہروں مثلاً لاہور ہے یا امرتسر ہے یا دہلی ہے وہاں چو نکہ لو گ ایک دوسرے سے بہت دور دور ہیں تو وہاں یہ ہو سکتا ہے کہ محلے مقرر کرلیں۔اگر مسجد ہو تو بہت اچھاو گرنہ ایک کمرہ کرا یہ پر لے کر و ہاں اپنے اپنے محلہ میں پڑھ لیا کریں ۔آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کے زمانہ میں ایک ایک میل فا صلے پر کے گا ئوں میں مسجدیں بنی ہو ئی تھیں و ہاں ان میں لو گ پڑھ لیا کر تے تھے ۔ یہاں قاد یا ن میں تو بہت قریب قریب ہیں میری خواہش ہے کہ اگر یہ درمیان کے مکا نات مل جا ئیں تو بڑی اور چھوٹی مسجد کو ملا کر ایک کر دیا جا ئے۔ہاں با ہر کی مسجد منا سب مو قع پر ہے۔پس قریب کی مسجدوں میں جہاں پہنچ سکے پہنچے اور اگر انسان کو دفتر کی نو کری کی وجہ سے مجبوری ہے اور وہ نہیں آسکتا تو یہ الگ با ت ہے لیکن یہ ضرور ہے کہ بغیر مجبوری کے کو تاہی نہ کرے۔ میرے نزدیک اس شخص کی نما ز جا ئز نہیں جس کے مکا ن تک اذان کی آواز جا تی ہے اور وہ جماعت کے لئے مسجد میں حاضر نہیں ہوتا۔
حضر ت انس بن ما لک ؓکی نسبت آتا ہے کہ وہ بہت بو ڑھے ہو گئے تھے پھر بھی وہ جما عت کے لئے پہلے ایک مسجد میں جا تے پھر دوسری میں ۔اسی طرح ہر ایک مسجد میں جا تے۔ اگر جماعتیں ہو چکی ہو تیں اور وقت نما ز بھی تنگ ہو نے کو ہو تا تو پھر اکیلے پڑ ھ لیتے۔ تو صحابہ کے عمل کو دیکھو اور ادھر رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے اقوال کو دیکھو ۔ آپؐ نے اِس بات پر بہت زور دیا ہے کہ مسجد میں جا کر جما عت سے نما ز پڑھا کر یں۔
یہ بھی غلط طریق ہے کہ گھر میںتکبیر کی آوازآجا تی ہے اس لئے وہیں اپنے مکا ن پر یا دکان کے چبو ترے پرنما ز پڑھ لی۔اگر ایسے ہی ہے تو سب اپنے اپنے گھر میں کھڑے ہو جا یا کریں ۔ امام آے اور اکیلا ہی مسجد میں نما ز پڑھا نی شروع کر دے ۔یہ بہت بُرا طریق ہے ۔ یہ لو گو ں کو غلطی لگی ہے۔ ایک صحابی نے چا ہا کہ اپنے مکا نات کو جو دُور ہیں فروخت کر دیں اور مسجد کے گرد جگہ لے کر مکان بنا لیں۔ تو آپ نے فرمایا ۔تم کو ئی قدم نہیں اُٹھاتے مگر اُس کے لئے ثواب ملتا ہے۔۳؎ اِس خیال پر ایک صحابی کا یہ طرزِ عمل تھا کہ وہ جہاںجا تے شہر کے پرلی طرف مسجد سے دُور مکان لیتے تا کہ مسجد تک آنے کا ثواب ملے۔ اس میں کو ئی شک نہیں کہ انہوں نے رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کا مطلب نہیں سمجھا مگر اس سے یہ پتہ لگتا ہے کہ وہ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی اِس با ت پر اتنا زور دیتے تھے کہ بعض صحابہ نے دُور دُور مکا ن لینے شروع کر دیئے ۔
اِسی طرح نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے صفوںمیں آنے کا فرق بھی بتایا ہے۔پہلی صف کو دوسری پر ترجیح دی ہے۔اسی طر ح فرما یا ہے جو شخص جما عت کے ساتھ مسجد میں نماز پڑھنے کے لئے جا تا ہے وہ اپنے پہلے قدم کے اُٹھانے سے گنا ہ مٹا تا ہے اور اُس کا دوسرا قدم درجہ بڑھا تا ہے۔ اِسی طرح پھر تیسرا گناہ مٹا تا ہے اور چوتھا درجہ بڑھا تا ہے۔اور پھر اسی طرح پھر ایک گنا ہ مٹا تا ہے اور دوسرا درجہ بڑھا تا ہے حتی کہ وہ مسجد میں پہنچ جا تا ہے۔ آپ نے مسجد میں آکر باجماعت نما ز اداکرنے کی بڑی بڑی فضیلتیں بیان کی ہیں۔۴؎
مسجد کی نماز معمولی چیز نہیں یہ ایک بہت بڑی نیکی ہے۔ جو قومیں مسجدوں کو آباد نہیں کر تیں وہ بڑے بڑے مدارج حا صل نہیں کر تیں ۔ مسجد امیر غریب کا امتیاز مٹا تی ہے۔دونوں پہلوبہ پہلو کھڑے ہو تے ہیں۔ پھر کبھی غریب آگے ہو تا ہے اورامیرپیچھے توامیر کا سر غریب کے پائوں سے لگتا ہے، اِس طرح امیر کا تکبر ٹو ٹتا ہے۔ اور پھر مساجد میں مسلما نوں کو ایک دوسرے کی حالت دیکھ کر پتہ لگتا ہے کہ وہ کس حا لت میں ہیں ۔پھر جب کمزور جما عت کے ساتھ نما ز ادا کرتا ہے تو اَوروں کے ساتھ مل کر اس کی دعا بھی قبول ہو جا تی ہے تو اس مسئلے میں بڑے بڑے فوائد ہیں۔ اسلام کوئی ایسا حکم نہیں دیتا جو ہما ری تکلیف کا باعث ہو ۔ اگر وہ کو ئی حکم دیتا ہے تو وہ ہمارے فائدہ کا ہی دیتا ہے۔ہمارے لئے ضروری ہے کہ ہم اس کے فرما نبردار ہوں۔ یہ حق کا اقرار ہے اور صداقت کا بیا ن ہے اوراپنے آپ کو خالق و مالک کے قریب کر تا ہے ۔مساجد کا نام بھی بیت اللہ رکھا ہے۔ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا جو و ضو کر تا ہے اورخدا کے گھروں میں سے کسی گھر میں نما ز پڑھتا ہے اس کے لئے جنت واجب ہو جا تی ہے۔ عجیب عجیب طرح سے آپ نے جماعت اور مسجد کی جما عت کی فضیلت بیا ن کی ہے اس لئے یہاں بھی اللہ تعالیٰ نے فرمایا۔
پس ہما ری جما عت کے لو گ محلے تقسیم کر سکتے ہیں۔ جدا جدا جگہ تقسیم کر سکتے ہیں اور وہ باقاعدہ باجماعت نماز ادا کریں سِوائے اِس کے کہ کوئی مجبوری ہو کیو نکہ اللہ تعالیٰ کی طرف سے کوئی کام مالا یطاق سپرد نہیں کیا جا تا۔
اللہ تعالیٰ ہما ری جما عت کو توفیق دے کہ وہ فضیلت جما عت اور مساجد کو سمجھیںاور اس پر عمل پیر ا ہو ں ۔‘‘(اَللّٰھُمَّ رَبَّنَااٰمِیْنَ) (الفضل ۱۳؍مئی۱۹۱۶ئ)
۱؎ البقرۃ: ۲ تا ۴
۲؎ بخاری کتاب الاذان باب وجوب صلوٰۃ الجماعۃ
۳؎ مسلم کتاب المساجد و مواضع الصلوٰۃ باب فضل کثرۃ الخُطا الی المساجد
۴؎ مسلم کتاب المساجد و مواضع الصلوٰۃ باب فضل الصلوٰۃ المکتوبۃ فی جماعۃ و فضل انتظار الصلوٰۃ (الخ)
۱۵
بدظنی ہلا کت کا باعث ہے
(فرمودہ۱۲؍مئی۱۹۱۶ئ)
تشہد ،تعوذاور سورۃ فا تحہ کی تلاوت کے بعد حضور نے فرمایا :۔
’’بہت سے لوگ دنیا میں اس قسم کے پائے جا تے ہیں کہ اُن کی طبیعت شکر گزاری اور احسان کی شناخت کی طرف مائل نہیں ہو تی۔ جس قدر بھی ان پر اللہ تعالیٰ کی مہر بانیا ں ہو ں یا بندوں کی طرف سے احسان ہوں اُن کی تسلی نہیں ہوتی وہ کبھی بھی اپنی حالت پر مطمئن نہیں رہتے۔ علاوہ اِس کے اِس قسم کی طبیعت کا انسان نا شکری اور احسان فراموشی کا مرتکب ہو تا ہے ایسے انسان کو کبھی اپنے نفس کے اندر سُکھ معلوم نہیں ہو تاجلن ہی لگی رہتی ہے اور ہر وقت اس کے لئے تکلیف اور دُکھ کے دروازے ہی کھلے رہتے ہیں۔ کیسے ہی اعلیٰ درجہ پر پہنچ جا ئے وہ دکھ میں ہی ہوتا ہے اور یہ عذاب اُس کی اپنی جان پر ہی ہو تا ہے۔ اگر واقع میں بھی کوئی اسے دکھ دینے والا نہیں ہے، اگر اس کے حقوق کی حق تلفی کرنے والی کوئی جماعت نہیںہے توبھی وہ آرام میں نہیں ہے اور خواہ مخواہ دکھ میں ہے اِس قسم کی طبائع کبھی خوش نہیں ہو سکتیں۔بہت مال دار جن کے پاس کروڑوں روپے ہیں ایسے نکلیں گے کہ وہ بادشا ہو ں کی تنخواہیں دے سکتے لیکن ان میں سے بہت ایسے ہوں گے کہ اگر ان سے پو چھوکہ تم مطمئن ہو؟ تو وہ کہیں گے کہ ابھی ہمارا فلاں کام رُکا پڑاہے ، فلانہ ٹھیکہ پورا ہو جائے تو مطمئن ہو جائیں ۔وہ تمام ما ل اور دولت جو بنکوں میں جمع ہے اس کے کسی مصرف کا نہیں بلکہ وہ دکھ میں ہے لیکن یہ دکھ اس کا خود پیدا کردہ ہے۔ اللہ تعالیٰ کا احسان ہو ا مال کے لحاظ سے اَوروں پر فضیلت ہے لیکن اس کا دل ’’ابھی اَور‘‘ کی خواہش میں ہے۔غرض بہت سے لوگ جنت میں ہو کر اپنے آپ کو دوزخ میں ڈالتے ہیں ، آرام میں ہو کر مصیبت میں پڑے ہو ئے ہیں، سُکھوں میں ہو کر دُکھوں میں ہیں۔ میرا اِس سے یہ مطلب نہیں کہ ہر انسان جس جگہ پر ہے اُس سے آگے ترقی نہ کرے۔ اسلام تو کہتا ہے ہر وقت آگے بڑھو۔ میرا مطلب یہ ہے کہ جو ترقی بھی وہ کرتے ہیں اُس میں اُنہیں سُکھ نہیں ہو تا ،کڑھنا ہوتاہے اور یہ کہ ہم ترقی کر یں ،آگے بڑھیں یہ تو مبارک ہے لیکن یہ کہ اپنے آپ کو دُکھی سمجھنا اِسے میں بُرا قرار دیتا ہوں۔ ایک انسان جو اپنی موجودہ حالت پر خوش ہے وہ خیال کر تا ہے کہ اُس پر اللہ تعالیٰ کابڑا احسان ہے یا دنیا والوں میںسے کسی کے احسان سے خو ش ہے اور اس خوشی میں اَور کو شش کرتا ہے اَور آگے بڑھنے کے لئے تیاری کر تا ہے تو وہ بہت اچھی بات ہے۔ لیکن جو اپنی حا لت کو دکھ ہی سمجھتا ہے وہ کبھی آرام میں نہیںہو تا اور احسان فراموشی کے لحاظ سے خواہ خدا کا ہو یا انسانوں کا یہ شخص عذاب کا مستحق ہے۔ ایک لوگوں کا مال چھین لینے والے انسان سے تعلق رکھنے والا انسان کبھی خوش نہیں ہو سکتا لیکن ایک مومن مسلمان کا معاملہ تو ایسے خداکے ساتھ ہے جو ربُّ العٰلمین ہے۔ انسان تو انسان چھوٹے سے چھوٹے کیڑوںکے ساتھ اس کا معاملہ ایسا ہے کہ حمد ہی حمد اُس کی طرف منسوب ہو تی ہے۔ انسان جب ایک گھوڑے یا گدھے کے ساتھ خداکے معاملے پر غور کرتا ہے تو اسے معلوم ہو تا ہے کہ چھوٹی سے چھوٹی ،ذلیل سے ذلیل، حقیر سے حقیر چیز خدا کی شفقت اور احسان کے نیچے ہے۔ اکثر انسانوں کی حرص کو دیکھ کر مجھے خیال پیدا ہو تاہے کہ یہ جو غلہ پیدا ہوتاہے اگر سب کا سب غلہ ہی پیدا ہو تاتو انسان تمام کو اپنے گھرمیں ڈال لیتا اور بیل کو چرنے کے لئے جنگل میں ہانک دیتا اور اس کو ذرا بھی نہ دیتا لیکن اسے توربُّ العٰلمین نے پیدا کیا تھا ، انسان کیلئے دانہ اور جانوروں کے لئے توڑی نکال دی۔اب اگر انسان اسے محروم کر نا چاہے بھی تو اسے محروم نہیں کر سکتا بہر حال اسے دینا ہی پڑے گا ، ہر چیز میں یہی حال ہے۔ چیونٹی کو کیسا علم عطا کیا ہے۔ کیسا تمدن دیا ہے بے نظیر تمدن ہے۔ انسان میں بھی وہ نہیں پایا جاتا۔یہ اس میں فطرتی ہے اور انسان کے اپنے اختیار میں چھوڑ دیا گیا ہے۔ اس میں کوئی شک نہیں کہ اس تمدن کے لئے چیونٹی قابل ستائش نہیں لیکن خدا تعالیٰ کی ربو بیت کا پتہ چلتاہے۔ اگر ایک چیونٹی کو ایک دانہ ملتا ہے تو وہ خود نہیں کھا ئے گی قوم کے خزانے میں داخل کر دے گی وہاں سے پھر جب کھا ئے گی تو سب اکٹھی کھائیں گی پھر خواہ کوئی زیادہ کھائے یا کم۔ اور لانے کے لئے یہ نہیں کہیںگی کہ فلاں زیادہ لائی ہے اور فلاں کم ۔ کیونکہ ہر ایک نے دیانت سے کام کیا اس لئے ہر ایک کا حق ہے جتنا کھا سکے کھائے یہی تمدن ہے جس نے انہیں بچایا ہوا ہے ۔کیو نکہ وہ بہت کمزور جا نور ہے۔بہت سے کیڑے تمدن سے قائم ہیں ان میں انسانوںکی طرح ایک مد نیت ہے اوروہ ان میں فطرتاً پیدا کی گئی ہے۔شہد کی مکھیوں اور بھڑوں میں اور بہت سے جا نور اِسی قسم کے ہیں کہ ان میں اور اور ذرائع مقرر ہیں ۔مگر ہر ایک کی پرورش کے لئے سلسلہ اور انتظام پیدا کیا ہے۔ غرض حقیر حقیر چیزوں کو دیکھ کر منہ سے نکلتا ہے۔ حقیر سے حقیر چیز کو اللہ تعالیٰ نے اپنے احسان کے نیچے لیا ہو ا ہے۔ایسے خدا پر ایمان لانے والا کب خیال کر سکتا ہے کہ میر ے ساتھ ظلم کیا جا رہا ہے کیو نکہ وہ ہر حا لت میں یقین ر کھتا ہے کہ میرے ساتھ بہت اچھا معاملہ ہو رہا ہے۔ باقی رہیں یہ خواہشیں کہ میں اَور ترقی کروں یہ جہنم نہیں ہو تیں یہ خو شی کا موجب ہی ہو تی ہیں اور راحت ہی ہوتی ہیں ،جہنم سے انسان کی کو ئی راحت نہیں رہتی۔ایک بادشاہ کے رات اور دن جب وہ اپنی حالت پر مطمئن نہیں ہو تاانگاروں پر کٹتے ہیں لیکن ایک فقیر جس کے بدن پر کپڑا نہیں ہے وہ جب اپنی حالت پر مطمئن ہو تاہے تو وہ بادشاہ ہرگز اس کا مقابلہ نہیں کر سکتا ۔جنت اور دوزخ انسان کے اپنے ہا تھ میں ہے اور اپنے ہا تھ سے انسان ان دونوں کے دروازے کھو لتا ہے۔خود دوزخ کا دروازہ اپنے اوپر کھو لتا ہے اور پھر چیخ وپکار کرتا ہے۔تم خدا تعالیٰ کی قدرتوں اور حکمتوں پر غور کرو اور غور کرو کہ تمہیں تمام جہان کی مخلوق سے اعلیٰ بنا یا ہے تو پھر تم کبھی نہیں کڑھ سکتے اور تمہا ری زندگی خوشی کی زندگی ہو سکتی ہے۔ یہ دوزخ تمہاری اپنی پیدا کردہ دوزخ ہے اور جنت بھی تمہاری اپنی پیدا کردہ۔ حدیث میں آتا ہے ہر انسان جو پیدا ہو تا ہے اس کے لئے جنت میںبھی اور دوزخ میں بھی محل بنا ہو ا ہو تا ہے۔ اس حدیث کا یہی مطلب ہے۔ دونوں محل مو جو د ہیں تیار کر کے بتا دیئے ہیں ۔اگر وہ اللہ تعالیٰ کی عطا کردہ طا قتوں سے کا م نہ لے کر اللہ تعالیٰ پر بد ظنی کر کے دنیا میں زندگی بسر کر تا ہے تو وہ ہلاکت اور کفر کی زندگی ہے اور اگر وہ اللہ تعالیٰ کے احسانات کو دیکھتا اور ان کی قدر کر تا ہے تو اس کے لئے وہی جنت ہے ۔ نفس کے اندر جو خوشی پیدا ہوتی ہے بیرونی خو شی اس کا مقابلہ نہیں کر سکتی۔ اگر اس کو آگ میںبھی ڈال دیا جا ئے تووہ آگ بھی اسے نقصان نہیں پہنچا سکتی ۔
بعض دفعہ بیماریا ں بھی خو شی کا موجب ہو جا تی ہیں ۔ ایک عورت کو ایک بیما ری تھی ۔ ایک دن حضرت خلیفہ اوّل کے پاس آئی،بہت ہنسی۔ پو چھا کیو ں ہنستی ہو ؟کہنے لگی میر ا بیٹا مر گیا ہے۔ کچھ دنوں کے بعد پھر آئی اور پھراسی طرح ہنسنا شروع کیا۔ پھر پو چھا تو کہا کہ میر ا دوسرا بیٹا بھی مر گیا۔ گو اسے ایک بیما ری تھی مگر اس کے لیے راحت ہو گئی ۔ جو ہو نا تھا وہ تو ہو چکا تھا اب اگر وہ رنج محسوس کرتی تو اسے اور تکلیف ہو تی ۔ تو اللہ تعالیٰ کے بندو ں میں ایسی مثا لیں پا ئی جاتی ہیں اسی لئے تو فرما یا ۱؎ ان کو خیال ہو تا ہے کہ ہم نے ایسی ہستی کے ہاتھ میں اپنے آپ کو سپرد کیا ہو ا ہے جو ظالم نہیں۔ دیکھو اگر مسافر جا رہے ہوں اور انہیں ایک راستہ جا ننے والا راستہ بتانے کے لئے مل جائے تو وہ مطمئن ہو جا تے ہیں ۔ یہ تو انسانوں کا حال ہے تو۔۔ کے سپرد جو اپنا معاملہ کر دے اُس کو کیا خطرہ ہو سکتا ہے اس کو خواہ کس قدر بھی تکالیف آویں تو وہ پرواہ نہیں کرتا ۔کیونکہ وہ خیال کر تا ہے میرا رہنما مجھے ہر حالت میں جنت کی طرف لے جا رہا ہے۔ بہت لو گ ہیں کہ انہوں نے اپنے نفس پر غو ر نہیں کیا۔ ان طاقتوں پر غور کرتے جو خدا نے ان میں پیدا کی ہیں ۔وہ ان احسانات پر غور کرتے جو اللہ تعالیٰ نے ان پر کئے تھے تو اس عذاب میں نہ پڑتے ۔بہت لوگ ہیں جو لکھتے ہیں ہم ہلا ک ہو گئے تباہ ہو گئے ۔کیو ں ہوئے ؟ جب خد ا نے تمہا رے اپنے نفس کے اندر جنت رکھی تھی کہ تم بغیر آنکھیں کھو لنے اور ہا تھ پا ئو ں ہلانے کے اس جنت کو کھول سکتے تھے۔ تکا لیف جو آتی ہیں وہ انسان کا کچھ بگاڑ نہیں سکتیں ۔وہ خیال کر سکتا ہے کہ یہ مجھے جگانے کے لئے آتی ہیں۔ مثلاً ایک پہاڑ پر چلتے ہوئے ایک شخص سو جا تاہے اور اس کو اس کا رہبر جگا دیتا ہے تو بے شک اس جگانے سے اسے تکلیف ہو ئی لیکن یہ اسے متنبہ کیا گیا کہ ہو شیا ر ہو جائو ۔خدا تعالیٰ کی طرف سے جو بھی تکلیف آتی ہے وہ بھی ہو شیا ر کرنے کے لئے آتی ہے اور اس سے بتایا جا تا ہے کہ تم اپنے اوپر جنت کے دروازے بند کر نے لگے تھے ہوشیا ر ہو جائو۔ غرض جو لوگ شکایت کرتے ہیں ان کی اپنی غلطی ہے۔ جنت تو ہمارے نفس کے اندر ہے وہ بڑھتی ہے تو اتنی بڑھتی ہے کہ قبر میں بھی سا تھ جا تی ہے،محشر میں بھی ساتھ ہو گی اور پھر استقبال کو بھی آئے گی مگر وہ خدا تعالیٰ پر یقین کرنے سے حاصل ہو تی ہے۔ بہت انسان بد ظنی کرکے اپنے آپ کو ہلاک کر تے ہیں ۔ خدا تعالیٰ پا ک ہے انسان کو اس نے اعلیٰ درجہ کی مخلوق پیدا کیا ہے۔ حقیر سے حقیر چیز کی اتنی ربو بیت ہے تو انسان کی کیوں نہ ہو ۔
اللہ تعالیٰ ہمیں اور دوسرے بھا ئیوں کو تو فیق دے کہ ہم اللہ تعالیٰ کی صفات کو سمجھیں اور اِس دنیا سے اصل جنت کو حا صل کریں ۔‘‘ (اَللّٰھُمَّ رَبَّنَااٰمِیْنَ) (الفضل ۱۶؍مئی۱۹۱۶ئ)
۱؎ البقرہ: ۳۹
۱۶
جما عت کی برکا ت
(فرمودہ ۲۶مئی۱۹۱۶ئ)
(’’مجھے افسو س ہے کہ پچھلا خطبہ جمعہ قلم بند نہ کیا جا سکا جو نہایت اہم نصائح پر مبنی تھا اور جس میں حضور نے جما عت کو بتلایا تھا کہ جب تک اس کے تمام افراد کام میں نہ لگ جا ئیں گے اور تمام ان ذرائع سے کا م نہ لیں گے جو کسی مقصد کے حصول کے لئے ضروری ہو تے ہیں اُس وقت تک کا میا بی نہیں ہو سکتی ۔ پھر اسی سلسلہ میں جماعت قادیان کو بِالخصوص نصیحت فرما ئی کہ وہ ایثار اور کام میں انہما ک کا نیک نمو نہ دکھائیں ۔یہا ں اور قرب و جوار کے لوگو ں سے تعلقاتِ محبت قائم کر یں، انہیں اپنے کا موں اور تجویزوںمیں شریک کر کے رشتۂ اتحاد مضبوط کریں ۔بہر حال یہ خطبہ بھی اِسی پچھلے خطبہ کے سلسلے میں ہے۔(ایڈیٹر )
تشہد،تعوذاور سورۃ فا تحہ کی تلاوت کے بعد فرما یا:۔
’’بہت لو گو ں نے مختلف مو اقع پر ہجوم دیکھے ہوں گے۔ ہر علا قہ میں قریباًمیلے ہو تے ہیں جہاں لوگ جمع ہو تے ہیں ۔مسلمانوں کے لئے تو ہر جمعہ کو ہجو م ہو تا ہے پھر ہر سال میں عیدین کے مو قع پر تمام اِرد گرد کے لوگ بھی اکٹھے ہو تے ہیں ۔ غرض ہر علاقہ اور ہر ملک کے لو گوں میں مختلف طر ز پر کہیں مذہبی رنگ میں اور کہیں دنیاوی ر نگ میں اجتما عِ مخلوق ہو تا ہے۔ ایسے مو قع پر جب کبھی جگہ تنگ ہو تی ہے تو یہ بات پیدا ہو جا تی ہے کہ لوگ اس طرح ایک دوسرے کے ساتھ لگ جاتے ہیں کہ گویا ایک دیوار بنی ہو ئی ہے ۔ پھر جب وہ ہجوم کسی طرف چلتا ہے تو تمام لوگ آپس میں ایسے چپکے ہو تے ہیں کہ ایک دوسرے سے الگ نہیں ہو سکتے اور تمام چھوٹے بڑے، کمزور طاقتور سب آگے ہی آگے بڑھے جاتے ہیں چونکہ ہر ایک انسان اس ہجوم میں پھنسا ہو ا ہوتا ہے اس لئے وہ چلنے سے رُک نہیں سکتا۔ اِسی طرح دنیا میں خدا تعالیٰ نے مختلف طبائع اور مختلف مذاق کے انسانوں کا ایک بہت بڑا ہجو م پیدا کیا ہے جس طرح ان ہجوم کے موقع پر انسان ایک دوسرے کے ساتھ چپک جا تے ہیں اور الگ نہیں ہو سکتے اِسی طرح دنیا کے ہجوم میں بھی جب کوئی انسان خواہ کمزور اور ناتوا ںہی کیو ں نہ ہو چلنے والی جماعت کے ساتھ اپنے آپ کو وابستہ کر لیتا ہے تو اُس کا قدم آگے ہی آگے پڑتا ہے۔ اس طرح پھنسا ہو اانسان کبھی پیچھے نہیں ہٹ سکتا بلکہ اپنی طا قت کے ساتھ نہ سہی دوسروں کے سہارے ہی آگے نکل جا تا ہے۔تو ایک علیحدہ رہنے والے انسان میںاور جو جماعت سے وابستہ ہو تاہے اُس میں یہ فرق ہے۔ علیحدہ رہنے والا انسان جس بات کی کو شش کر تا ہے اس کی کو شش اکثر دفعہ ناکا م رہتی ہے اور بہت دفعہ وہ تھک کر بیٹھ جا تا ہے۔مگر وہ شخص جو جماعت سے وابستہ ہو تا ہے اگر وہ تھک جا ئے اور بیٹھنا بھی چاہے تو بھی نہیں بیٹھ سکتاکیو نکہ وہ جماعت کی رَو میں اِس طرح بہہ رہا ہو تا ہے کہ وہ اسے آگے ہی آگے لئے جا تی ہے اور بیٹھنے نہیں دیتی اور یہی حال دین میں بھی ہو تا ہے اور یہی دنیا میں۔
وہ قومیں جو محنت اور مشقت کی عادی ہو تی ہیں ان میں بڑے سست اور کا ہل لوگ بھی ہوتے ہیںمگر وہ اِس بات کے لئے مجبو ر ہو جاتے ہیں کہ محنت کرنے والوں کے ساتھ خود بھی محنت کریں۔ دیکھو یورپ میں تجارت اور مال کی کثرت کی وجہ سے نیز اِس لئے کہ اکثراشیاء دیگر مما لک سے جا تی ہیں ہر ایک چیز گراں ہوتی ہے وہا ں چو نکہ محنت عام لوگوں میں پھیلی ہوئی ہے اس لئے سست طبائع کو بھی کر نی پڑتی ہے۔ کیوں؟ اِس لئے کہ محنتی لوگوں کی کثرت سے وہاں مال بہت زیادہ ہو گیا ہے اور جب مال زیادہ ہوگیا ہے تو ضرور ہے کہ اشیاء کی گرانی ہو۔ اس گرانی کی وجہ سے ایک سست کو بھی اپنی روٹی کمانے کے لئے ہمارے ہندوستان کے محنتیوں سے زیادہ محنت کرنی پڑتی ہے۔ وہاں ۱۲،۱۵ گھنٹے مزدوری کر تے ہیں تو کہیںجا کر پیٹ بھرنے کے لئے روٹی کے پیسے کما تے ہیں اور یہاں چار پا نچ گھنٹہ کا م کرنے سے روٹی میسر آسکتی ہے۔ وہا ں گو مزدوری یہاں کی نسبت زیادہ ملتی ہے مگر اشیاء کی گرانی کی وجہ سے زیادہ محنت کرنی پڑتی ہے اس لئے سست بھی محنت کر نے کے لئے مجبور ہو جا تے ہیں ۔ گویا عام لوگوں کی محنت کرنے کی رَو میں وہ آگئے ہیںاور پیچھے نہیں ہٹ سکتے ۔ وہ لو گ جو دریائو ں کے پا س رہتے ہیںیا جن کے پاس نہریں اور نالے گزرتے ہیںانہوں نے دیکھا ہو گا کہ کبھی پا نی میں بھنور پڑتاہے اس بھنور میں جو چیز پڑجائے پھر وہ نکل نہیں سکتی اسی طرح عوام کی رَو میں جو انسان آجا تاہے وہ بھی نکل نہیں سکتا اور ایک کمزوراور نا تواں انسان کے آگے بڑھنے اور تر قی کرنے کا ایک ذریعہ یہ بھی ہے کہ وہ اپنے آپ کو طا قتور اور مضبوط چیزوں سے باندھ لے جب وہ آگے چیزیں جا ئیں گی تو وہ بھی آگے ہی آگے جائے گا ۔ دنیا میں چونکہ جماعت سے بڑھ کر اور کو ئی طاقت نہیں ہے اس لیے ترقی کرنے کاسب سے بہتر طریق یہی ہے کہ انسان جماعت سے اپنے آپ کو وابستہ کر لے اس سے سست بھی آگے بڑھنا شروع کر دیتے ہیں ۔گویا جما عت کے لوگ اس کے لئے سہارا ہو جاتے ہیں۔جما عت کے انتظام سے دانائوںنے ایسے ایسے فائدے اُٹھائے ہیں کہ دیکھ کرحیرت آجاتی ہے۔
نپولین ایک بادشاہ گزراہے اس کی نسبت مؤرخوں نے ایک عجیب واقعہ لکھا ہے وہ فرانس کا بادشاہ تھا ۔ اس نے روس پر حملہ کیا ۔روسیوں نے یہ طریق اختیار کیا کہ اپنے گائوں اور شہروں کو جلاتے جا تے اور آگے آگے نکلتے جا تے چونکہ روس کا ملک بہت وسیع ہے اوراس کا شمالی حصہ ایسا خطرناک ہے کہ اگر کوئی واقف کا ر نہ ہو تو برف کی وجہ سے انسان ہلاک ہو جا تے ہیں اِس لئے وہاں تک پہنچ کر نپولین کی بہت سی فوج تباہ ہو گئی ۔ اُس وقت روسیوں نے نپولین کی فوج پر حملے شروع کر دیئے اور اسے بہت تنگ کیا حتی کہ وہ واپس ہونے پر مجبور ہو گئی اور اسے بہت جلدی واپس آنا پڑا ۔ راستہ میں ایک جگہ ایسی تنگ ہو ئی کہ بیٹھنے تک کے لئے جگہ نہ میسر ہو سکتی کیونکہ تمام اِردگرد دلدل تھی ۔اگر زمین پر بیٹھیں تو کپڑے اور ہتھیار کیچڑ سے بھر جا تے تھے اور اگر نہ بیٹھیں تو اتنے تھک گئے تھے کہ چلنے کی طاقت نہ تھی اُس وقت نپولین نے یہ تجویز کی کہ وہاں ایک کرسی تھی اس پر ایک شخص کو بیٹھا دیا ،دوسرے کو اُس کے گھٹنوں پر،تیسرے کو دوسرے کے گھٹنے پرحتی کہ اِس طرح ایک و سیع حلقہ میں لو گوں کو بٹھا دیا ، آخری آدمی کے گھٹنوں پر اُس پہلے شخص کو بٹھا کرکرسی نیچے سے نکال لی اور اُس پر خود بیٹھ گیا۔ اِس طرح تمام فوج نے آرام بھی کر لیا اور سامان بھی خراب نہ ہو ا۔ تو جماعت کے ساتھ وابستہ ہونے میں بہت سی خوبیاں ہو تی ہیں اور بعض تو ایسے فوائد پہنچتے ہیں جن کا پتہ بھی نہیں لگتا کہ یہ بھی کوئی بو جھ تھا جو ہلکا ہو گیا ہے لیکن اگر اس کا م کو فرداً فر داًکرنے لگو تو بہت مشکل پیش آجا تی ہے۔ دنیا میں انسان کے لئے جتنی ضروریاتِ زندگی ہیں اُن کو اگر ایک انسان فرداً فرداً مہیا کرنے لگے تو کس قدر مشکل کا سامنا ہو مگر تمام دنیا کے اجتماع نے ان کا مہیا ہو نا بہت آسان کر دیا ہے۔
ہم نے بچپن میںسکول میں ایک قصہ پڑھا تھا کہ کس طرح مل کرکام کر نے میں بظاہر پتہ بھی نہیں لگتا اور کا م بھی ہو جا تا ہے۔ وہ قصہ والا لکھتا ہے کہ ایک شخص نے اپنے بھتیجے کو کہا کہ کل تمہیں ہم ایک ایسا لڈو دیں گے جو ایک لا کھ آدمیوں نے بنا یا ہو گا اِس بات کو سن کر وہ بہت خو ش ہوا۔ دوسرے دن اِس امید پر کھا نا بھی نہ کھا یا کہ اتنے آدمیو ں کا بنا یا ہو اجو لڈو ہو گا وہ بہت بڑا اور نہا یت عمدہ ہو گااِس لئے اُسی کو کھا ئوں گا ۔ دوسرے دن جب اُس کے سامنے لڈو رکھا گیا تو وہ وہی تھا جو بازار میں بِکتا تھا ۔اس نے کہا کہ آپ تو کہتے تھے کہ ایسا لڈو دیں گے جو لاکھ آدمی نے بنا یا ہو گا اور یہ ایسا ہے کہ ایک انسان بھی ایسے کئی لڈو دن میں بنا سکتا ہے۔ اس نے بتانا شروع کیا کہ دیکھو اِس میں کون کون سی چیزیں پڑی ہیں،پھر ان کے مہیا کرنے میں کتنے آدمیوں کی محنت صَرف ہو ئی ہے، اِس طرح اُس نے بہت سے انسان گنادیئے ۔ واقعہ میں بات بھی ٹھیک ہے اگر فرداً فر داًہر ایک انسان لڈو بنانے کی کوشش کرے تو اسے پتہ لگ جا ئے کہ کس قدر اس کے لئے محنت کی ضرورت ہو تی ہے۔ یو ں تو ایک بہت معمولی چیز سمجھی جا تی ہے اور پیسے کے دو دو خرید لئے جا تے ہیں لیکن اس کا ساراکام خود کرے تو اسے پتہ لگے کہ یہ ایسا مشکل کام ہے کہ حکومتوںکا فتح کرنا بھی ایسا نہیں۔
اِسی طرح روٹی کو دیکھ لو اب تو بازار سے آٹا خرید لیا جا تا ہے اور پکا کر کھا لی جا تی ہے لیکن اگرایک انسان اس کے تمام اسباب کو خود تیا ر کرے اور پھر غلہ جمع کرے تو ممکن ہے اُس کی تمام عمر ختم ہو جائے اور وہ روٹی تیا ر نہ کر سکے۔ اب جس قدر آسانیاں ہیںیہ اِسی اجتماعی قوت کا نتیجہ ہیں جو دنیا میں کام کر رہی ہے۔پس جب کوئی شخص جماعت میں شامل ہو جا تا ہے تو وہ ایک تو یہ کہ اگر وہ سست ہو تو وہ بھی محنت اور مشقت کرنے لگ جا تا ہے دوسرے جو کام اس کے لئے ناممکن ہو تا ہے وہ بھی ممکن ہو جا تا ہے اور ایسے کام جس کو انسان اگر ساری عمر بھی لگا رہے تو نہیں کر سکتا تقسیم عمل میں آکر اس آسانی سے کر لیتا ہے کہ اسے کسی قسم کا دکھ محسوس ہی نہیں ہو تا مگر بہت انسان ایسے ہیں جو سو چتے نہیں اور اس بات کی فکر نہیں کرتے۔
حضرت مظہر جان جاناں کی نسبت لکھا ہے کہ کوئی شخص ان کے پاس تحفہ کے طور پر کچھ لڈو لایاانہوں نے ان میں سے دو اُٹھا کر اپنے ایک مرید کو دیئے اس نے کھا لئے۔ جب وہ شخص چلا گیا تو وہ اس سے پوچھنے لگے کہ وہ لڈو کہا ں ہیں؟ اس نے کہا کہ میںنے تو کھالئے ۔ فرما یا کیا دونوں کھا لئے؟ اس نے کہا ہاں دونوں کھا لئے آپ باربار یہی سوال کرتے وہ بار بار یہی جواب دیتا ۔ آخر اس نے کہا کہ کیا لڈو کھا نے کی کو ئی اور ترکیب تھی جو آپ مجھ سے باربار یہی سوال پو چھتے ہیں؟ آپ نے فرمایا ۔ ہاں۔اس نے کہا کہ مجھے بتائی جاوے ۔ فرمایا ۔ کسی دن بتائیں گے ۔ایک دن پھر جو کوئی شخص لڈو لایا تو آپ نے ان میں سے ایک اٹھا کر کہا کہ آئو تمہیںبتائوں کس طرح لڈو کھا نا چا ہئے۔ لڈو لے کر انہوں نے اپنے آگے رکھ لیااور اس سے ایک ذرا سا لے کرخدا کی حمد اور تقدیس بیا ن کرنا شروع کر دی کہ خدا نے مظہر جان جاناں کے لئے اِس کو اتنے آدمیو ں کے ذریعہ بنا یا ہے۔ سب انسانوں کو گنتے اور خدا کا شکر بجا لاکر بہت چھوٹا سا ٹکڑا منہ میں ڈالتے اِسی طرح کرتے کرتے ظہر سے عصر کی نماز کے لئے اذان ہو گئی ۔ آپ اُٹھ کر نما ز پڑھنے چلے گئے اور لڈو وہیں پڑا رہا۔ اِس سے انہوں نے یہ بتایا ہے کہ انسان ہر وقت کھا تا پیتا ہے مگر اسکا دل کبھی شکر گزار ہو کر خداتعالیٰ کے حضور نہیں گرتا۔ گو انسان کے لئے ہر روٹی کا لقمہ اور ہر پانی کا گھونٹ اللہ تعالیٰ کی آیت ہے جس کا اُسے شکر گزار ہو نا چاہئے لیکن وہ گلاس پر گلاس پیتا اور روٹی پر روٹی کھا تا ہے مگر خیال بھی نہیں کرتاکہ خدانے اُس پر کس قدر فضل اور رحم کیا ہوا ہے اس کی وجہ یہ ہے کہ سب انتظام کھا نے پینے کا اُسے خود نہیں کرتا پڑتا ۔ اگر وہ خود کرتا تو پانی کا ایک گھونٹ اور روٹی کا ایک لقمہ بھی اس سے تیار نہ ہو سکتا ۔غرض جماعت کے کاموں اور تقسیم عمل میں بڑی بڑی برکات ہو تی ہیں۔
پیچھے خطبہ جمعہ میں میں نے بتایا تھا کہ کامیابی کے لئے اُن راہوںکو اختیا ر کرنا ضروری ہے جو خدا تعالیٰ نے انسانوں کی کامیابی اور ترقی کے لئے مقرر فرمائی ہیں اوران کے اختیار کئے بغیر کوئی قوم کامیاب نہیں ہو سکتی۔ کوئی انسان ہاتھ پر روٹی رکھے رہنے کی وجہ سے کبھی سیر نہیں ہو سکتا اور پانی کا گلاس پکڑے رکھنے سے اس کی پیاس نہیںبجھ سکتی تا وقتیکہ اس کے منہ میں نہ پڑے ۔ جب چھوٹی چھوٹی باتوںکا یہ حال ہے تو جو بڑی باتیں ہیں یعنی دین کی اشاعت اور صداقت کا پھیلانا اس کے لئے تقسیم عمل کی کیوں ضرورت نہیں ہے۔ ایک قوم کا بڑھا کر اوپر لے جانا اور مردنی چھا ئی ہو ئی قوم میں زندگی کی روح پھونکنا کو ئی چھوٹا سا کام نہیں ہے اس کے لئے ایک جماعت کی کو شش ،سعی اور محنت درکار ہے۔
دیکھو خداتعالیٰ کی طرف سے جس قدر نبی دنیا میں آتے ہیں وہ آکر ایک جماعت تیا ر کرتے ہیں اور ایسی جماعت کا تیا رکرنا نبی کی صداقت کی دلیل ہے اور یہ جماعت آہستہ آہستہ بنتی ہے۔ ایسا نہیں ہو تا کہ جب کوئی نبی آیا ہو تو سب نے اٰمَنَّا و صَدَّقْنَا کہہ دیا ہو آہستہ آہستہ جماعت بنتی ہے۔ اگر نبی کی جماعت نہ ہو توتبلیغ کا کام نہیں پھیل سکتا ۔ دیکھو ساری دنیا پر آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم تو نہیں پہنچے آپ کے صحابہ ؓہی نے اشاعت اسلام کی ہے اگر وہ لوگ اُس وقت یہ کہتے کہ یہ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کا ہی کام ہے ہم کیو ں کریں تو کبھی اسلام اِس طرح نہ پھیلتا اور نہ وہ اس طرح کامیاب ہو تے ۔ انہوںنے جس قدر ترقی کی اِسی وجہ سے کی کہ ہر ایک نے اسلام کی اشاعت کو اپنا فرض سمجھا اور جس رنگ میں کسی سے ہو سکا اُسی رنگ میں اِس کی اشاعت کے لئے اُٹھ کھڑا ہوا۔ ہماری جماعت کے لئے بھی ضروری ہے کہ اس بات کو سمجھیں ۔ اگر کوئی فرداً فر داًکام کرتا ہے اور کہتا ہے کہ فلاں کام میرا نہیں فلاںکا ہے تو وہ یاد رکھے کہ کبھی کامیا بی کا منہ نہیں دیکھ سکے گا۔
اِس بات کو خوب یاد رکھو کہ تمہارے لئے وہی دن کامیابی کا ہو گا اور اُسی دن تمہا را دشمن اپنی جگہ چھوڑکر پیچھے ہٹے گا جب کہ تم میں سے ہر ایک انسان یہ سمجھ لے گا کہ سلسلہ کی ترقی کے لئے کوشش کرنا میرا ہی فرض ہے۔ آپ لوگوں میں سے ہر کسی کو نہ صرف یہ سمجھنا چا ہئے کہ یہ کام میر ا بھی ہے بلکہ یہ سمجھنا چاہئے کہ یہ کام میرا ہی ہے۔ ہر شخص اپنے مذاق کے مطابق اس کام کو اپنے ذمہ لے لے ۔ میں نے دیکھا ہے کہ بعض جگہ جب سستی سے کام ہوتا ہے اور اس کے متعلق کسی سے دریافت کیا جا تا ہے تو وہ کہتا ہے وہاں کا فلاں سیکرٹری ہے اس لئے ایسا ہوتا ہے گویا اس کے نزدیک سلسلہ کا کام کرنا صرف سیکرٹری کا ہی فرض ہے وہ صرف نام رکھا لینے سے ہی احمدی ہو گیا ہے اسے کام کر نے کی ضرورت نہیں ہے۔ اِس قسم کے نقائص کی وجہ سے کئی جگہ کی جماعتیں بجائے آگے بڑھنے کے پیچھے ہٹ رہی ہیں ۔ خدا تعالیٰ نے مسلمانو ں کو جماعت کے ساتھ مل کر کام کرنے کے متعلق کس قدر سمجھا یا ہے ۔سورئہ فاتحہ میں ترقی کے متعلق دعائیں سکھلائی ہیں لیکن تین جگہ متکلّم کی ضمیر آئی ہے اور تینو ں جگہ جمع ہے ایک جگہ بھی واحد نہیں گویااس سے یہ بتاتا ہے کہ اکیلا انسان کچھ نہیں کر سکتا جماعت کے ساتھ ہو کر کام کرنا چاہئے۔ پس کسی جماعت کی ترقی فرداً فر داًکام کرنے سے نہیں ہوا کرتی اورجب تک اس کا ہر ایک فرد اپنا فرض نہ سمجھے کامیا بی نہیں ہو سکتی پس کسی کو یہ نہیں سمجھنا چاہئے کہ فلاںکام سیکرٹری کاہے بلکہ اسے اپنا سمجھنا چاہئے اگر سیکرٹری کام نہیں کرسکتا تو وہ کرے نہ کہ اس کی کمزوری کو دیکھتا رہے۔ مثلاًاگر ایک شخص فوج میں دشمن کے مقابلہ پر کھڑا ہو اور وہ کمزور ہو تو دوسرے کا فرض ہے کہ وہ اس کی جگہ کھڑا ہوجائے کیو نکہ وہ اگر اس کی جگہ کھڑا نہیں ہو گا تو اس کا اپنی جگہ کھڑا ہو نا بھی لغو ہو گا۔ پس ترقی کے لئے طاقتوروںکافرض ہے کہ کمزوروں کو اپنے سا تھ کھینچ لیں اور اگر وہ ایسا نہیں کرتے تو معلوم ہو کہ ان میں جماعت ہی نہیں۔ اگر ان میں سے بعض افراد گر گئے تو معلوم ہو گا وہ بظاہر جماعت کہلاتے تھے مگر دراصل پرا گندہ تھے لیکن اگر وہ کمزوروں کو بھی اپنے سا تھ رکھیں گے تو ثابت ہو گا کہ ان کی جماعت ہے۔
غرض ابھی ہما رے لئے بہت کام با قی ہے۔ اُس وقت تک کوئی جماعت جماعت نہیں کہلا سکتی جب تک کہ ہر ایک شخص تبلیغ کو اپنا فرض نہ سمجھے اور اس طرح ایک دوسرے کے ساتھ مل نہ جائے کہ اگر کو ئی درمیان میں سے سِرکنا چاہے تو بھی نہ سِرک سکے۔
اللہ تعالیٰ یہاںکے لوگوں کو بھی اور باہر کے لو گوں کو بھی اِس بات کے سمجھنے کی توفیق دے کہ جو کام ہمارے سپرد ہے اُس کو سمجھیں اور اُس کے پورا کرنے کی کوشش کریں اور سورئہ فا تحہ میں جو انعام آئے ہیں اُن کا وارث بنائے۔‘‘ (آمین ثم آمین) (الفضل ۳۰؍مئی۱۹۱۶ئ)
۱۷
اصلاح کے لئے محاسبۂ نفس ضروری ہے
(فرمودہ ۲؍جون۱۹۱۶ئ)
تشہد، تعوذ اور سو رۃ فا تحہ کے بعد مندرجہ ذیل آیات کی تلاوت کی:۔
۱؎
اور فرمایا: ۔
’’بعض تمدنی غلطیاں جو بظاہر چھوٹی چھوٹی معلو م ہو تی ہیں بہت بڑے خطر نا ک نتائج کا باعث ہو جا تی ہیں اور بہت سے امور ایسے ہیں جنہیں ابتداء ً انسان چھوٹا سمجھتا ہے لیکن نتا ئج کے لحاظ سے بہت بڑے ہو تے ہیں۔مو جودہ جنگ ہی کو دیکھو اس کا وہ محرک جو بظا ہر دنیا کو بتا یا جاتا ہے (وَ اللّٰہُ اَعْلَمُ اصلیت کیا ہے) ایسا خفیف سا ہے کہ دیکھ کر حیر ت آتی ہے کہ ایسا معمولی امر بھی ایسی خطر ناک جنگ کا با عث ہو سکتا ہے۔ایک ملک کے شہزادہ کو اپنے ملک اور اپنی رعا یا کے لوگوں نے قتل کر دیا ۔ اس ایک قتل پر آگ بڑھنی شروع ہو ئی چو نکہ وہ ولی عہد تھا اس لئے اس کے قا تلوں کا بڑا سخت جرم تھا لیکن اس کے لئے زیادہ سے زیادہ یہی ہو سکتا تھا کہ ان کو سخت سے سخت سزا ئیںدی جا تیں ،قتل کئے جا تے ، جا ئدادیں ضبط کی جا تیں ،قید کئے جا تے خواہ وہ ہزاروں ہی ہو تے تب بھی اِس واقعہ کی یہی شکل ہو سکتی تھی لیکن اس کی تحقیقات کرتے ہوئے اس سلطنت کو خیا ل پیدا ہو ا کہ پا س کی جو چھو ٹی ریا ست ہے اُس کی تحریک سے یہ قتل ہو ا ہے اس لئے اُس کو دبا نا چا ہا ۔ ایک اَور سلطنت کے اس ریا ست سے تعلقات تھے اُس نے کہا کیا تم نے اس کو کمزور سمجھ کر دبا نا چاہا ہے ہم اس کے مددگار موجود ہیں۔ جب ادھر سے ایساہؤا توایک اَور سلطنت اس کے مقابلہ کے لئے اُٹھ کھڑی ہو ئی ۔ اِسی طرح ہو تے ہوتے کچھ سلطنتیں ایک طرف ہو گئیں اور کچھ دوسری طرف اور اِس طرح تمام دنیامیں آگ لگ گئی۔ دیکھو ایک آدمی کا قتل تھا۔ گو وہ آدمی بہت بڑا تھا ایک سلطنت کا ولی عہد تھا لیکن پھر بھی ایسا نہیں تھا کہ تمام دنیا میںاس کے لئے آگ لگا دی جا تی اور کُل دنیا پر کشت و خون کے دریا بہا دیئے جا تے۔ایسے انسان جن کا قتل کُل دنیا کا قتل ہو سکتا تھا وہ دو ہی گزرے ہیں ایک آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم جو سارے جہان کے لئے مبعوث کئے گئے تھے اور ایک حضرت مسیح مو عود ؑ جو انکی غلامی میں ساری دنیا کی طرف بھیجے گئے تھے اِن دو کے سِو ا اور کوئی انسان نہ نبیوںسے ،نہ ولیوں سے، نہ مجددوں سے ایسا نہیں گزرا ۔ حضرت موسٰی ؑ ،حضرت دائود ؑ ، حضر ت سلیمان ؑ اگر قتل کئے جا تے تو یہ بنی اسرائیل کا قتل تھا ۔حضرت مسیح نا صری کا قتل بھی بنی اسرائیل کا ہی قتل تھاصرف آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم ہی ایک ایسے وجو د تھے کہ آ پ کا قتل سارے جہان کا قتل تھا، پھر آپ کا جو قائم مقام آیا اس کا قتل سارے جہان کا قتل ہو سکتا تھا ۔با قی سب نبیوں میںسے کو ئی ایسا نہیں ہؤا تو کوئی بادشاہ یا بادشاہ بننے والا کہاں ایسا ہو سکتا ہے مگر واقعات تھے جنہوں نے مجبور کر دیا اور وہی صورت رونما ہو ئی ہے جو آجکل ہم دیکھ رہے ہیں۔ شہزادہ کو قتل کرنے والوں نے سمجھ لیا ہو گا کہ خواہ ہمیں کتنا ہی نقصان اُٹھا ناپڑے تا ہم اسکا نفع اس نقصان سے زیادہ ہو گا۔ ان کے ذہن میں یہ خیال کبھی بھی نہیں آیا ہو گا کہ یہ صورت ہو جا ئے گی ۔ لیکن دیکھ لو کہا ں سے کہا ں تک نو بت پہنچ گئی۔ وہ سلطنتیں جو آجکل میدانِ جنگ میںنکلی ہو ئی ہیں وہ بھی یہ خیا ل نہ کر تی تھیں کہ واقعات یہ صورت اختیار کر لیں گے۔ چنا نچہ جنگ شروع ہو نے سے قبل روس کے وزیر نے انگلینڈ کے وزیر اعظم کو لکھا کہ آسٹریاکے سرویہ پر دبائو ڈالنے کی وجہ سے ہم مجبور ہیں کہ اسے مدد دیں لیکن یہ مدد سیاسی رنگ میں ہو گی اور اسی سے کام چل جا ئے گا کیو نکہ واقعات کی صورت ایسی نہیںہے کہ لڑائی تک نوبت پہنچے لیکن خدا کی مصلحت نے نہ چاہا کہ ایساہو اس لئے لڑائی شروع ہو گئی ۔
یہ تومَیں نے اس قسم کے واقعہ کی مثال دی ہے جو ابتدا میں کو ئی بڑ ا نہیں معلوم دیتا تھا مگر تمدنی امور ایسے بھی ہو تے ہیں کہ جن کو انسان پہلے سے ہی جا نتا ہے کہ نقصان دِہ اور مضرّت رساں ہیں مگر پھر بھی ان سے باز نہیں آتا۔ یہ باتیں فرداً فردا ًکچھ ایسی بڑی نہیں دکھا ئی دیتیں مگر مجمو عی طور پر قوم کو تباہ کر نے والی ہو تی ہیں ۔ بعض قوموں میں جھوٹ کی عادت ہو تی ہے جو پھیلتے پھیلتے ان کی زندگی کے ہر ایک شعبہ پر اثر ڈا لنا شروع کر د یتی ہے ۔ بعض میں غیبت ، چغلی ، عیب جوئی وغیرہ کی عادت ہوتی ہے جو بڑھتے بڑھتے بہت خطرنا ک نتائج پیدا کرتی ہے لیکن ان باتوں کو معمولی سمجھا جاتاہے جو ایک بہت بڑی نا دانی ہے ۔ دانا انسان کا کام ہے کہ کسی بُرائی کو چھو ٹا نہ سمجھے کیونکہ اگر کسی ایک کو بھی چھوٹا قرار دے گا تو سب کو چھو ٹا کہتا جا ئے گا ۔لیکن یہ ایسی خرابیا ں ہیں جو ملکوں کی بربادی اور قوموں کی تباہی کا موجب ہوا کرتی ہیں۔اللہ تعالیٰ نے انسان کو اس قسم کی باتوں کی طرف متوجہ کرنے کیلئے ایک گر بتایا ہے۔
یہ جو غلط فہمیاں ہو تیں اور ایک دوسرے پر حملے کئے جاتے ہیں یہ بھی بڑا تباہ کن فعل ہو تا ہے اور قوموں کو ہلاک کر دیتا ہے۔ ایک دوسرے پر طعن و تشنیع کرنا ،عیب جوئی میں لگے رہنا بظاہر انسان کو چھوٹی چھوٹی باتیں معلوم ہو تی ہیںمگر یہ ایسی باتیں ہیں کہ قوم کوتبا ہ کر دیتی ہیں۔
ایک دفعہ صحابہ ایسے پا ک گروہ میں سے بھی دو آدمیوں کی لڑائی سب کی تباہی کا موجب ہونے لگی تھی مگر آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کو خبرہو گئی آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے خاتمہ کرا دیا۔ دو شخص تھے ایک انصار میںسے اور ایک مہاجرین میں سے۔ دونوں پانی بھرنے کیلئے گئے اور باتوں باتوں میں تیز کلامی ہو گئی۔ ایک نے دوسرے کو لات مار ی دوسرے نے چپت رسید کر دی نتیجہ یہ ہو ا کہ جنگ تک نو بت پہنچ گئی۔ مہاجر نے مہاجرین کو مدد کے لئے آواز دی اور انصارنے انصار کو۔ دونوں طرف سے تلواریں لے کر آگئے اور قریب تھا کہ مسلمان کافروں کے گلے کاٹنے کی بجائے جو ان کے سامنے پڑے تھے آپس میں ایک دوسرے کے گلے کا ٹ کر ڈھیر کر دیتے کہ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کو علم ہو گیا آپ باہر نکل آئے اور فرما یا کیا تم پھر جا ہل ہو گئے ہو؟ آپ کے آنے سے وہ شرمندہ ہو گئے اور بات دب گئی ۔ تو دیکھنے میں ایک با ت چھوٹی سی معلوم ہو تی ہے مگر اس کے نتائج بڑے خطر ناک پیدا ہو تے ہیں لیکن بہت لوگ اس کا خیال نہیں رکھتے اس لئے ایسی باتیںکر لیتے ہیں مگر آخر کار یہاں تک نوبت پہنچتی ہے کہ وہ جو ش اور غضب میں آکر ہمیشہ کے لئے اپنے آپ کو اور اپنی نسل کو تباہ کر لیتے ہیں حالانکہ اگر وہ صبر اور تحمل سے کام لیں تو کام چل جا تاہے اور زیا دتی کرنے والا خود شرمندہ اور نادم ہو جا تاہے۔
تمام جو شوں کا با عث محض غلط فہمی ہو ا کرتی ہے لیکن بہت لوگ ایسے ہیں جنہوں نے یہ معیا ر قائم کیاہو اہے کہ دنیا کی سب کمزوریا ں تو ہمارے اندر ہیں باقی سب انسان مکمل ہو نے چاہئیںاس لئے ایسے لوگ اگر خود کوئی عیب کرتے تو اسے بھول چوک قرار دیتے ہیں اور کہتے ہیں کہ انسان سے غلطی ہو ہی جا تی ہے لیکن اگر وہی دوسرا کرتا ہے تو کہتے ہیں یہ خباثت ہے، شرارت ہے ،بے ایمانی ہے، دشمنی ہے یہ بھول نہیں ہو سکتی ۔اپنے متعلق تو کہا جائے گاکہ کیا بندر، سور بھولا کرتے ہیں میں انسان تھا بھول گیا لیکن دوسرے کے متعلق بھولنا کبھی خیال میں بھی نہیں آتا۔ حالانکہ اگر وہ اپنے نفس میں غور کرتا تو آسانی سے سمجھ سکتا تھا کہ اگر میں بھول سکتا ہوں تووہ بھی بھول سکتا ہے۔ اور اگر بھولنا نا ممکن ہے اس لئے دوسرا خبیث اور شریر ہے تو میں بھی خبیث اور شریر ہوں۔ اصل بات یہی ہے کہ کو ئی انسان نہیں جو نسیان کی مرض کے نیچے نہ ہو۔ حضرت آدمؑ جو خداتعالیٰ کا نا ئب اور خلیفہ تھا اُس کی نسبت خداتعالیٰ فرماتا ہے ۲؎ بھول گیا۔اور بھولا بھی ایسے امرمیں کہ جس کے متعلق اُسے پہلے حکم دیا گیا تھا کہ یوں نہ کرنا۔ توآدم جس کو خداتعالیٰ نے خلیفہ بنا کر دنیا میں بھیجا تھا وہ اگر بھو ل جا تا ہے تو اس کے بیٹے کیو ں نہیں بھول سکتے اور وہ لوگ کیوں نہیں بھول سکتے جو خدا تعالیٰ کے خلیفہ نہیں ہیں ۔ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کو بھی نسیان تھا ۔ آپ ایک دفعہ گھر سے باہر نکلے ۔دو آدمیوں کو لڑتے ہو ئے دیکھا۔ فرمایا مجھے لیلۃ القدر کا نظارہ دکھا یا گیا تھا لیکن تم کو لڑتا ہوا دیکھ کر بھول گیا ہوں ۔ ؎۳ تو جب سب سے بڑا انسان انسانوں سے بڑا کیاملائکہ سے بڑا انسان بھی بھولتا تھا تو اور کون ہے جو نہ بھولے۔ دنیا میں کوئی بھی انسان ایسانہیں ہے جس کو نسیان نہ ہو ، بڑے بڑے حافظہ والے بھی بھولتے آئے ہیں۔
اِس وقت مسلمانوں میں اور بہت سی امراض کے علاوہ ایک یہ بھی مرض ہے کہ وہ قرآن کریم کی تعلیم کے خلاف عمل کر تے ہیں ۔ قرآن تو اس لئے آیا تھا کہ مسلمانوں کووسط میں چلائے۔ چنانچہ مسلمانوں کو فرمایا ۔ ؎۴ کہ ان کے تمام احکام اور اعمال درمیا نی راستہ پر ہو تے ہیں مگر اِس وقت مسلمانوں نے سب باتوں کی حدود کو اختیار کر لیا ہے اور وسط کو بالکل چھوڑ ہی دیا ہے۔ احمدیوں میں بھی بہت سے تمدنی نقائص ابھی باقی ہیں اور وہ اسی لئے ہیں کہ ابتدا میں چونکہ ان کی تربیت غیر احمدیو ں میں ہو ئی ہے جس کا اثر ابھی تک کچھ نہ کچھ با قی ہے۔ ان میں ایک نقص یہ ہے کہ جب دو شخصو ںکا آپس میں اختلاف ہو تو ایک دوسرے کو کہتا ہے کہ تو جھوٹ بولتا ہے حالانکہ جھو ٹ ایک بہت بڑی بُرائی ہے۔جو شخص دوسرے کو جھو ٹا کہتا ہے اصل میں وہ خود جھو ٹا ہو تاہے کیو نکہ وہ جھو ٹ کو بے حقیقت سمجھتا ہے۔ اگر بے حقیقت اور معمولی بات نہ سمجھے تو کبھی ایسی جرأت اور دلیر ی سے دوسرے کو جھوٹا نہ کہے کیو نکہ جو شخص کسی جرم کو بُرا سمجھتا ہے وہ دوسرے پر اس کو تھوپنے سے بھی ڈرتاہے۔ہما رے خلاف لاہوری مخالفوں نے ایسی ایسی باتیں لکھیں جو بالکل خلافِ واقعہ تھیں ۔ لوگ کہتے ہیں کہ یہ جھوٹ لکھ رہے ہیں اور اس قسم کی باتوں کی کثرت کو دیکھ کر یہ کہنا بے جا بھی نہ تھالیکن میں یہی کہتا رہا کہ ممکن ہے بھو ل سے لکھتے ہوں، نسیان سے لکھ دیا ہو یا تعصب اور بغض کی وجہ سے ان کے دماغ میں بات ہی اسی شکل میں آئی ہو ۔تو جو انسان کسی جرم کو بُرا سمجھتا ہے وہ دوسروںپر بڑھ کر الزام نہیں لگاتا اور جو الزام لگاتا ہے وہ اس جرم کو بے حقیقت سمجھتا ہے لیکن عام طور پر یہی ہو تاہے کہ جب دو آدمی آپس میں لڑیں گے تو ایک دوسرے کو جھو ٹا کہہ دیں گے ۔جب گواہوں سے پو چھا جا ئے گاتو جس کے خلاف ان کی گواہی ہو گی وہ انہیں جھو ٹا قرار دے دیں گے حالانکہ انہیں معلوم ہو نا چاہئے کہ جھوٹ سے پہلے ایک اَور بھی درجہ ہے اور وہ نسیان ہے۔ ایسے شخص جو جھوٹ بولنے کے عادی ہوتے اور خواہ مخواہ جھوٹ بول دیتے ہیں وہ بہت کم ہوتے ہیں لیکن اس کے مقابلہ میں نسیان بہت زیادہ ہوتا ہے اور کوئی انسان ایسا نہیں ہے جس کو یہ مرض نہ ہو ۔ حتی کہ نبیوں کو بھی ہو تاہے۔ پس جب تمام انسانوںکو بِلااستثناء کسی ایک کے نبیوں سے لیکر ادنیٰ انسانوں تک کا یہ حال ہے تو پھر کیا وجہ ہے کہ یہ بات جو ہر جگہ پائی جاتی ہے جب تک جھوٹ ثابت نہ ہو جائے وہ نہ کہیں۔ لیکن جب کہیں جھگڑا ہو تاہے ہر فریق یہ خیال نہیں کرتا کہ شاید فلاں سے غلطی ہو گئی ہو یا وہ بھول گیا ہوبلکہ یہی کہتا جا تاہے کہ اُس نے شرارت کی ہے، بے ایمانی دکھا ئی ہے، دشمنی شروع کی ہے اور جھو ٹ بولا ہے۔ پھر دونو ں دعا ئیں کر تے ہیں کہ جھو ٹے پر خدا کی *** پڑے۔ ممکن ہے کہ کسی پر بھی *** نہ پڑے اور دونو ں میں سے کوئی بھی جھوٹ نہ بولتاہو۔ جھوٹ تو وہ ہوتا ہے جو ایک بات کواچھی طرح جانتے ہوئے اُس کے خلاف کہا جائے لیکن جس کو ایک بات جس طرح یاد ہے اُسی طرح بیان کرتا ہے تووہ جھوٹا نہیں ہو سکتاہا ں ممکن ہے کہ نسیان کی وجہ سے اُسے اسی طرح وہ بات یاد رہی ہو جو اصل کے خلاف ہو۔ آپس کے جھگڑے اور اختلاف تو ہر جگہ ہی ہوا کرتے ہیں لیکن ایسا نہیں ہو نا چاہئے کہ دوسرے کو جھٹ جھوٹا اور شریراور فسادی قرار دے دیا جائے۔
جھگڑ ے تو صحابہ میں بھی ہو ا کرتے تھے ۔حضرت عمر ؓ اور حضرت ابو بکر صدیقؓکا جھگڑا تو حدیثوں سے ثابت ہے ۔ ؎۵ اگر جھگڑے کے یہ معنی ہیں کہ جھگڑنے والا جھوٹا ہوتاہے تو ماننا پڑے گا کہ نَعُوْذُبِاللّٰہِ ان دونوں میں سے ایک ضرور جھوٹا ہے۔پھر حضرت عباسؓ اور حضرت علی ؓ کا جھگڑ ا بھی حدیثوں سے معلوم ہوتا ہے، ان میں سے بھی ایک کو جھو ٹا قرار دینا پڑے گا۔ پھر حضرت عمرؓاور عما ر کا جھگڑا ثابت ہے، عمر اور ابن مسعود کا اختلاف ثابت ہے اس لحاظ سے ان میں سے بھی ایک کو جھوٹا کہنا پڑے گا ۔ پھر آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کے وقت سے قاضی مقرر تھے وہ بھی مقدمات کے فیصلے کے لئے ہی تھے اگر مقدمات نہ ہوتے تو قا ضیوں کے مقرر کرنے کی کیا ضرورت تھی اِس طرح ما ننا پڑے گا کہ صحابہ میں سے نصف نہ سہی تہائی تو ضرور جھوٹ بولنے والے ہو ں گے مگر ہمارا تو یقین اور کامل یقین ہے کہ صحابہ میں سے ایک بھی جھوٹ بولنے والا نہ تھا صرف نسیا ن تھا جس سے کو ئی انسان خالی نہیں اور نہ ہو سکتا ہے۔ اِسی وجہ سے ایک شخص کو ایک بات ایک طرح یاد ہو تی تو دوسرے کو دوسری طرح ۔ ایسی اختلافی باتوں کا فیصلہ شاہدوں کے ذریعہ ہو جا تا ہے کہ کس کی بات ٹھیک ہے اور کس کی بھول اور نسیان کی وجہ سے ٹھیک نہیں اور بھولنے والوں کا اس میںکوئی قصور نہیں ہے۔ دیکھو ایک حا فظِ قرآن نماز پڑھا تے ہو ئے قرآن کریم میں غلطیاں کر جا تا ہے لیکن اس کے غلطی کرنے سے ایسا تو نہیں ہو نا چاہئے کہ اسے گردن سے پکڑ لیا جا ئے اور کہا جائے کہ تم نے شرارت سے غلط آیت بنا لی ہے قرآن کریم میں یہ کہی نہیں ہے کیو نکہ اس نے نسیان اور بھول کی وجہ سے ایسا کیا ہے نہ کہ شرارت سے۔ اور کوئی حافظ دنیا میں نہیں ہے جو غلطی نہ کرے حتی کہ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم جن پر قرآن کریم اُترا وہ بھی بھول کی وجہ سے پڑھنے میں غلطی کر جاتے تھے ۔ ایک دفعہ آپ نے نما ز پڑھائی تو قرآن پڑھنے میں غلطی کردی ۔ جب نماز سے فا رغ ہو چکے تو اُبی بن کعب کو فرمایا کہ تم نے مجھے غلط پڑھنے سے رو کا کیوں نہیں؟ انہوں نے عرض کی کہ حضور میں نے سمجھا کہ شائد خداتعالیٰ نے اِسی طرح یہ آیت نازل فرما دی ہے جس طرح حضور نے پڑھا ہے۔آپ نے فرمایا۔نہیں غلطی سے پڑ ھا گیا تمہیں مجھے روکنا چا ہیے تھا۔ ۶؎ تو نسیان سے کوئی آدمی بچاہؤا نہیں ہے مگر جہا ں کسی سے اختلاف ہو تا ہے اس بات کو نظر انداز کر کے جھٹ اُس پر جھوٹ کا الزام لگا د یا جاتا ہے۔
ابھی تھوڑے دنوں کا ذکر ہے ایک معاملہ میرے آگے پیش ہؤ ا تھامیں نے اس کا فیصلہ کیا۔ وہ دونوں فریق ایک دوسرے کی نسبت یہی کہیں کہ وہ جھو ٹ بولتاہے اور ہم جو کہتے ہیں وہ درست ہے۔ پھر گواہوں سے پو چھا گیا تو ان کو بھی جھو ٹا کہہ دیا ۔میں پوچھتا ہوںاگر تم اِسی طرح ایک دوسرے کو جھو ٹا قرار دینے لگو گے تو بتلائو تم میں سچا کون ہؤا۔تم سب میںاختلاف ہوتے ہیں، جھگڑے ہوتے ہیں اگر اِسی بات پر کوئی جھو ٹا ثا بت ہوجاتا ہے توتم سارے کے سارے جھو ٹے ہوئے پھر حضرت مرزا صاحب کر کیا گئے؟ کیا چار لاکھ کی جماعت جو آپ چھو ڑ گئے تھے سب جھو ٹوں کی جماعت تھی؟ اِس طرح ایک دوسرے پر الزام لگا نے والے بِلاو اسطہ نہیں تو بِالواسطہ حضرت مسیح موعود علیہ السلام پر حملہ کرنے والے ہیں ۔ مجھے ایسے لو گوں پر بڑا غصہ اور طیش آتا ہے کہ وہ کیوں ایسا کرتے ہیں۔جو شخص یہ کہتا ہے کہ فلاںمیںیہ عیب ہے اور فلاں میں یہ عیب ، توگویا صرف وہی ایک سب جما عت میں نیک رہا اور باقی سب عیب دار ٹھہرے اس سے میں پو چھتا ہو ں کہ کیا حضرت مرزا صاحب اُسی ایک کو پیدا کرنے کے لئے مبعوث ہو ئے تھے اور ان کی اِس قدر کو شش اور سعی کا نتیجہ صرف وہی ایک شخص نکلا؟ ہر گز نہیں۔ وہ اپنی قدر کو دیکھے اور اپنے طرزِ عمل پر غور کرے کہ کس طرف جا ر ہا ہے اور اُس کا ایسا کہنا گویا حضرت مسیح موعود علیہ السلام کو جھو ٹا اور ناکام کہنا ہے اور وہ اپنے عمل سے احمدیت سے خارج ہو جاتا ہے ۔ گو وہ اپنے آپ کو احمدی کہے لیکن چونکہ وہ خدا کے نبی کی پاک جماعت پر حملہ کرتا ہے جس کا نتیجہ یہ ہو تا ہے کہ اس جماعت میں پھُوٹ پڑتی ہے اس لئے وہ احمدی نہیں۔
اللہ تعالیٰ نے دوسرے پر الزام لگانے سے بچنے کے لئے مسلمانوں کو کیا ہی عجیب گر بتا دیا تھا وَ فِی الْاَ رْضِ اٰیٰتٌ لِّلْمُوْقِنیْنَ۔ وَفِیْٓ اَنْفُسِکُمْ اَفَلَا تُبْصِرُوْن کہ تم اپنے نفسوں میںہی دیکھو ۔کیا تم نے کبھی کو ئی غلطی نہیں کی؟ تم سے کبھی بھول چوک نہیں ہوئی؟ جب تم سے خو د بھی ایسا ہو جا تا ہے تو پھر جب کوئی دوسرا اِس طرح کرے تو اُس پر کیوں الزام لگاتے ہو۔ واقعہ میں کوئی انسان ایسا نہیں ہے جو کبھی بھولا نہ ہو ۔ اور باتیں تو الگ رہیں صبح سے اِس وقت تک تم میں سے ہر ایک شخص کو جو جو واقعات پیش آے اُنہیں کو اگر کوئی بیان کرنے لگے تو ضرور ہے کہ بعض با تیں بھو ل جائے اور دوسرے یاد دلا دیں ۔ اگر کوئی ایسے حافظہ والا ہے جو پورے پورے واقعات بتاسکتا ہے تو اُٹھ کر بتائے۔ وہی شخص جو ایک دوسرے کو جھوٹا کہتے تھے اُٹھ کر بتا دیں لیکن وہ سن لیں کہ ضرور غلطی کریں گے مگروہ کہہ دیں گے کہ انسان ہیں غلطی ہو گئی ہے ۔ میں کہتا ہوں جب تم انسان ہو تو وہ کیا انسان نہیں ہیں؟ پھر انہیں کیوں جھو ٹا کہتے ہو؟ ایسا کرنے والے غلطی کر تے ہیں۔ غلطی نہیںبلکہ بے وقوفی کرتے ہیں۔ میں نے بے وقوفی اِس لئے کہا ہے کہ ان کی اِس کارروائی سے شیطان جماعت کی تباہی کا ہتھیار چلاتا ہے۔ ایسے لوگ خداتعالیٰ کے بتائے ہوئے گر پر عمل کریں خدا تعالیٰ فرماتاہے تم اپنی جا نوں کو دیکھو کیا تم اندھے ہو گئے؟ کیا یہی غلطیاں تم نہیں کرتے ہو اور اپنے آپ کو جھوٹا کہلانا پسند نہیں کرتے۔ مگر دوسرے ایسا کریں تو کہتے ہو کہ جھوٹ بولتے اور شرارت سے کرتے ہیںکیا تم نے انکا دل چیر کر دیکھ لیا ہو تا ہے؟ پھر یہ کیو نکر ممکن ہے کہ تم تو بھول جایا کرو اور وہ تمہا رے جیسے ہی نہ بھولا کریں ۔
حضرت عمرؓ اور عمار کا تیمم کے متعلق جھگڑا ہو ا تھا ۔ حضر ت عمر ؓ کہیں کہ میں کبھی اِس بات کو نہیں مانو نگاکہ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے غسل جنابت کی بجائے عذر کے وقت تیمم کو جائز قرار دیا ہوحالا نکہ عما ر ٹھیک کہتے تھے۔ ۷؎ دوسرے راویوں سے بھی اُن کی بات کی تصدیق ہو تی ہے مگر حضرت عمر ؓ کو یا د نہیں رہا تھا اور وہ اپنی بات پر اِس قدر مصر تھے کہ لڑنے کو تیا ر ہو جا تے تھے۔ عمار اپنا ایک واقعہ پیش کرتے کہ میںنے ایک دفعہ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم سے پوچھا تھا لیکن وہ نہیں مانتے تھے۔ بعض دفعہ کوئی بات حافظہ سے اِس طرح اُتر جا تی ہے کہ اس کے متعلق خیال بھی نہیں آسکتا کہ کبھی ہو ئی تھی یہی بات حضرت عمر ؓ کو پیش آئی ۔
اصل بات یہ ہے کہ حافظہ کے لئے آنکھیں ،کان، ناک، زبان ،لمس وغیرہ حواس ہیں اِن کے ذریعہ انسان کوہر ایک بات یاد رہتی ہے۔مثلاً سختی کا چھو نے سے پتہ لگتاہے لیکن بعض لوگوں کے جسم ایسے سخت ہو تے ہیں کہ انہیں چھونے سے پتہ نہیں لگتا۔ اِسی طرح بعض چیزیں دیکھنے سے یاد رہتی ہیںلیکن بعض کی آنکھیں کمزور ہو تی ہیںیا ایسا ہوتاہے کہ ان کی عادت غور سے دیکھنے کی نہیں ہو تی اس لئے انہیں بعض چیزیں یاد نہیں رہتیں۔ مثلا میری آنکھیں کمزور ہیںاس لئے زیادہ دُور کی چیزیں مجھے دکھائی نہیں دیںگی لیکن ایک اور شخص جس کی نظر مجھ سے تیز ہو گی وہ مجھ سے زیادہ دُور کی چیزیں دیکھے گا۔اب اگر کوئی ہم دونوں سے پو چھے کہ تمہا رے سامنے کیا کیا چیزیں ہیں تو ہمارے بیان کرنے میں ضرور اختلاف ہو گا۔پھر جس کی نظر کمزور ہواُسے چیزیں بھی کم یاد رہتی ہیںکیو نکہ اس کے دماغ پر دیکھنے کا اثر کم پڑتا ہے۔ہاں اگر وہ ایک چیز کو بار بار دیکھے تو جس طرح پھیکی سیاہی پر با ر بار قلم پھیرنے سے شوخ سیا ہی ہو جاتی ہے اِسی طرح اس کے بار بار کے تکرار سے اس کے دما غ پر گہرا اثر پڑ تا ہے اس لئے وہ اسے یا د رہتی ہے ۔ اِسی طرح بعض لو گوں کے کان کمزور ہوتے ہیں وہ ایک آدھ دفعہ سنی ہو ئی بات کو یاد نہیں رکھ سکتے مگر بار بار سننے سے خوب یا د رکھتے ہیں وہ لوگ جن کی آنکھیں کمزور ہوتی ہیں اور حافظہ بہت تیز ہو تا ہے اُن کے حافظہ کے تیز ہونے کی یہی وجہ ہے کہ چونکہ وہ آنکھوں کی بجائے کا نوں کو زیادہ استعمال کرتے ہیں اِس لئے شنوائی کا اثر اُن کے دماغ پر بہت گہرا پڑتاہے۔ اِسی طرح ایک بہرہ آنکھوں دیکھی چیز کو بہ نسبت سنی ہوئی کے زیادہ یاد ر کھتا ہے کیو نکہ وہ زیادہ غور سے دیکھنے کا عادی ہو تاہے اور کانوںکا کام بھی آنکھوں سے لیتا ہے۔ اکثر اشیاء کے یاد رکھنے کے متعلق انسان دو چیزوں سے کام لیتا ہے۔ اوّل آنکھوں سے دیکھتا ہے دوم کانوں سے سنتا ہے۔مثلاً ایک شخص کا نام عمر الدین ہے وہ جب سامنے آئے تو کان اُس کا نام سن کر کہتے ہیں کہ یہ عمرالدین ہے اور آنکھیں اُس کی شکل کا نقشہ اُتا رتی ہیں۔اگر یہی شخص ایک پردہ کے پیچھے کھڑا ہو کر اپنا نام بتائے تو ممکن ہے وہ شخص اس کو نہ پہچان سکے جس کے کانوں نے اُس کی آواز کو سنا اور جس کی آنکھوں نے اُس کا نقشہ اُتارا لیکن ایک نابینا انسان جس نے صرف کانوں کے ذریعے اُس کو پہنچانا تھا اُس کی بات سن کر فوراً معلوم کر لے گا ۔ کیوں؟اِس لئے کہ جس وقت اُس نے نام سنا تھا تو بہ نسبت ایک نابینا شخص کے اس کی قوتِ سامعہ نے اُس کے د ماغ پر بہت گہرا اثر ڈ الا تھا پس ان حواس کے ذریعہ حافظہ بعض باتوں کو بھو ل جا تاہے اور بعض کو یاد رکھتا ہے لیکن بھولنے والے کی نسبت یہ کہنا کہ جھو ٹ بولتاہے سوائے اس کے اور کیا نتیجہ پیدا کر سکتا ہے کہ فساد پھیلے ۔ مگر بہت لوگ ایسے ہیں جو کسی جھگڑے یا اختلاف کے وقت ایک دوسرے کی نسبت ایساکہہ دیتے ہیں ۔
میں ایک دفعہ ایک جماعت کے ہاں گیا اب تو وہ بہت مخلص ہے اس کے قریبا سارے ممبر ایسے ہیں جو حضر ت مسیح موعود علیہ السلام کے زمانہ کے ہیں مگر تعمیل احکام میں سب سے زیادہ سست ہے۔ وہا ں جا کر مجھے معلوم ہو اکہ یہا ں کے لوگوں میں نا اتفاقی ہے۔میں نے اُن کو بُلاکر پوچھا۔ ہر ایک نے یہی کہا کہ ہم میں کوئی ناراضگی نہیں ہے یہ بات آپ تک غلط پہنچائی گئی ہے۔ میں نے پوچھا فلاں آدمی کیوں مسجد میں نہیں آتا ؟ فلاں کیوں نہیں آتا؟ اِس کا جواب مجھے یہ دیا گیا کہ فلاںکی فلاں سے اور فلاں کی فلاںسے لڑائی ہوئی ہے۔میں نے کہا کہ جب ایک دوسرے کی آپس میں لڑائی ہے تو پھر اتفاق کیسا ؟اور جماعت کیسی ؟ اِس قسم کی نا اتفاقی کو انہوں نے افرادکی نا اتفاقی قراردیا ہو ا تھانہ کہ جماعت کی ۔میں نے اُن میں صفائی کرا دی۔ اُنہیں یہ بات بہت معمولی معلوم ہو ئی تھی لیکن در حقیقت وہ بہت بڑی اور خطرنا ک نتائج پیداکر نے والی تھی۔ تو چھو ٹی سے چھوٹی بات میںبھی بہت احتیا ط کرنی چا ہیے اور فورا ًکسی پر جھو ٹے ہونے کا فتویٰ نہیں لگادینا چاہئے۔ تم لوگ کیوں ایساطریق اختیا رنہیں کرتے جس میں تمہا را بھی فا ئدہ ہو اور کسی کو نقصان بھی نہ پہنچے اور وہ یہ کہ جس طرح خود بھول جا تے اور نسیان کربیٹھتے ہواُسی طرح دوسرے کو سمجھ لیا کرو اور اِس طرح بھی کسی کا حق غصب نہیں ہو سکتا ۔ بات وہی رہتی ہے البتہ احتیاط کا پہلو ہو جاتاہے۔
پس یہ بات خوب یاد رکھو کہ جو بات کسی کے متعلق کہو اپنے نفس میں اُس کے متعلق خوب غو ر کر لو کہ جو الزام دوسرے پر لگاتا ہوںکیامیں اس سے بری ہو ں۔ افسوس کہ بہت کم لوگ اس بات پر غورکرتے ہیںاگر غورکریں تو بہت سے فساد اورجھگڑے دُور ہو جائیں ۔ اللہ تعالیٰ آپ لوگوں کو اِس کی سمجھ دے اور دوسروں کی عیب جوئی سے بچا کراپنے نفس کے محاسبہ کی تو فیق بخشے۔‘‘
(الفضل ۱۸؍جون۱۹۱۶ئ)
۱؎ الذّٰریت : ۲۱،۲۲ ۲؎ طٰہٰ: ۱۱۶
۳؎ بخاری کتاب فضل لیلۃ القدرباب رفع معرفۃ القدر لتلاحی الناس
۴؎ البقرہ: ۱۴۴
۵؎ بخاری کتاب فضائل اصحاب النبی صلی اللّٰہ علیہ وسلم باب قول النبی صلی اللّٰہ علیہ وسلم لوکنت متخذاً خلیلاً
۶؎ بخاری کتاب الصلوٰۃ باب التوجہ نحوالقبلۃ۔ (الخ)
۷؎ بخاری کتاب التیمم باب التیمم ھل ینفخ فیھما
۱۸
کلام کو بگاڑ کر پیش کر نے والے لوگ کون ہوتے ہیں؟
(فرمودہ ۹؍جون۱۹۱۶ئ)
تشہد ،تعوذ اور سورۃ فا تحہ کے بعدحضور نے مندرجہ ذیل آیت کی تلاوت کی:۔
۔۱؎
اور فرمایا:۔
’’دنیا میںکسی چیز کے یا کسی انسان کے دو قسم کے مخالف ہو تے ہیں ایک وہ جن کی مخالفت اُس چیز کو نہ سمجھنے کی وجہ سے پیدا ہوتی ہے اور بسب اُس کو نا درست اور صداقت سے دور سمجھنے کے اس کا مقابلہ کرتے ہیں ۔دوسرے وہ جو کسی چیز کی مخالفت اِس لئے نہیں کرتے کہ وہ انہیں نا درست معلوم ہوتی ہے بلکہ اُن کی کچھ خود غرضیاں ہوتی ہیںجو انہیں اس کی مخالفت کے لئے کھڑا کر دیتی ہیںایسے لوگ اکثر جھوٹ اور فریب سے کام لیتے ہیں۔لیکن وہ لوگ جو کسی بات کی اس لئے مخالفت کرتے ہیں کہ وہ سچی اور درست نہیں ہے وہ مقابلہ کرتے ہوئے کبھی جھوٹ نہیں بولتے۔ جھو ٹ ہمیشہ وہی انسان بولا کرتا ہے کہ جس بات پروہ قائم ہو تا ہے اُس کی صداقت کا اُسے یقین نہیں ہوتا۔ کیو نکہ اگر وہ صداقت کی خاطر مقابلہ کے لئے کھڑ ا ہو تو پھر کیو نکر ممکن ہے کہ وہ خود جھو ٹ بولے ۔ایک انسان جو صداقت کی خاطر بیوی ، بچے ، عزیز اور رشتہ دار مال و دولت حتی کہ جان تک دے دینے کے لئے تیار ہوتا ہے اُس سے ممکن نہیں کہ جھو ٹ کا کلمہ نکل سکے۔ پس ایک بات کو سچا سمجھ کر اُس پر کھڑ ے ہونے والے مقابلہ کرتے وقت کبھی جھو ٹ سے کام نہیں لیتے لیکن جن لو گوں کا کسی بات کو ماننا اِس لئے نہیں ہو تا کہ وہ سچی ہے خواہ ان کا ظن غالب یہی ہو کہ سچی ہے اوریہ بھی ممکن ہے کہ واقعہ میں بھی وہ اسے سچا سمجھتے ہوں مگر اُس کی طرف داری کا باعث اس کی سچائی اور راستی نہ ہوبلکہ کو ئی اپنی غرض ہو وہ جھو ٹ سے کام لینے سے پرہیز نہیں کرتے ۔میرے اِس بیان کا مطلب یہ ہے کہ ممکن ہے ایک شخص راستی کو راستی سمجھتا ہو مگر اُس کی تائید اِس لئے نہ کرتا ہو کہ اُس کو سچا سمجھتا ہے بلکہ اس کی کو ئی اَور غرض ہو ایسا انسان بھی جھو ٹ سے کام لیتا ہے۔مثلاًایک شخص ہے وہ ایک نبی کو نبی اور خدا کا برگزیدہ بھی ما نتا ہے مگر وہ جو اس کی خدمت اور ادب کرتاہے اِس لئے نہیں کرتا کہ وہ نبی ہے بلکہ اس سے اسے اپنا کو ئی اور فائدہ مد نظر ہے ایسا انسان بھی جھو ٹ کا مرتکب ہو سکتا ہے کیو نکہ وہ ذاتی نفع کیلئے نبی کی خدمت کر رہا ہوتاہے نہ کہ اُس کے نبی ہونے کی وجہ سے ۔آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کے زمانہ کی ایک نظیر اِس بات کے ثبوت کے لئے مو جود ہے۔
جنگ خیبر میں ایک شخص مسلمانو ں کے ساتھ ہو کر اِس زور اور کو شش سے لڑا کہ صحابہ کہتے ہیں ہمیں اُس پر رشک آ گیا لیکن لڑائی ہو نے سے پہلے یا ابتدئے لڑائی میں آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے اُس کی نسبت فرمایا تھا کہ اگر کسی نے دوزخی آدمی دیکھنا ہو تو اُسے دیکھ لے ۔ صحا بہ کہتے ہیں ہم نے یہ بات سنی ہوئی تھی مگر وہ اس دلیری اور جوانمردی سے لڑا کہ خطرناک سے خطرناک مقام پر پہنچ کر حملہ آور ہو تا اور ہر دفعہ ایک دو کو گرا کر ہی آتا ۔ حتی کہ صحابہ ایسے مضبوط ایمان والوں میں سے بعض کے منہ سے یہ فقرہ نکل گیاکہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے نا حق اِس کی نسبت کہہ دیا ہے کہ یہ دوزخی ہے لیکن ایک صحابی کہتے ہیں کہ میں اُس کے پیچھے پیچھے ہو لیا۔جہا ں وہ حملہ کرتا میں بھی وہاں پہنچ جا تا حتیٰ کہ وہ سخت زخمی ہوا ۔بعض صحابہ جا کر اسے کہتے تجھے جنت کی خوش خبری ہو مگر وہ آگے سے جواب دیتا مجھے جنت کی بشارت نہ دو بلکہ دوزخ کی دو کیونکہ میں اسلام کے لئے نہیں لڑا مجھے ان لوگوں سے ایک پرانی عدوات تھی اُس کی خاطر لڑا ہوں۔ اِس واقعہ سے دونوں باتیں معلوم ہو جا تی ہیں یہ کہ اسے آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم پر ایمان تھا اور آپ کو خدا کا نبی اور بر گزیدہ سمجھتا تھا تبھی تو اُس نے کہا کہ مجھے جنت کی بشارت نہ دوبلکہ دوزخ کی دو کیو نکہ وہ سمجھتا تھا کہ اسلام کے لئے لڑنے والا جنت میں جا تا ہے نہ کہ اپنے اغراض کی خاطر لڑنے والا۔چو نکہ لڑائی میں شامل ہونا اُس کی اپنی اغراض کے لئے تھا اس لئے اُس نے کہا کہ میں جنت میں جا نے کے قابل نہیں ہوں ۔ دوسری بات یہ بھی معلوم ہو گئی کہ اس نے باوجود اسلام کی صداقت کا قائل ہو نے کے اسلام کی اِس لئے تائید نہیں کی تھی کہ یہ ایک صداقت ہے بلکہ اپنی غرض کے لئے لڑا تھا۔ چنانچہ وہی صحابی جو اُس کے ساتھ ساتھ تھے کہتے ہیں کہ جب اسے زخموں کی وجہ سے سخت درد اور تکلیف ہوئی تو اُس نے بر چھی پر اپنا سینہ رکھ کر زور سے دبایا اور اِس طرح اپنے آپ کو ہلاک کرلیا۔ وہ صحابی رسو ل اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس دَوڑے ہو ئے آئے اور کہا۔ یاَ رَسُوْلَ اللّٰہ !آپ کو مبارک ہو ۔آپ فلاں آدمی کے معاملہ میں بالکل سچے نکلے اُس نے خود کشی کر لی ۔ ؎۲ تو ایسے انسان بھی ہو تے ہیں جو صداقت کو سمجھ کر صداقت کی خاطر تا ئید نہیںکرتے بلکہ اپنی اغرا ض کو مدنظر رکھ کر ایساکرتے ہیں۔
میں نے بتا یا ہے کہ ایک تو وہ لوگ ہو تے ہیں جو گونا حق پر ہو تے ہیں مگر اپنے آپ کو حق پر سمجھ کر حق کی مخالفت کرتے ہیں اور ایک وہ ہو تے ہیں جو اپنے دشمن کو حق پر سمجھتے ہوئے بعض اغراض کی وجہ سے مخالفت کرتے ہیں۔اور کبھی یہ بھی ہو تا ہے کہ مخالفت کرنے والا کبھی اپنے آپ کو بھی نا حق سمجھتا ہے اور اپنے مخالف کو بھی ایسے سب لوگ جھو ٹ سے کام لے لیتے ہیں۔ دوسرا گروہ وہ ہوتاہے جو اپنے آپ کو حق پر سمجھتاہے اور ہوتا بھی حق پر ہی ہے مگر اس کی تائید اس لئے نہیں کرتا کہ وہ حق پر ہے بلکہ اس لئے کرتاہے کہ اُس کواپنے اغراض مدنظر ہوتے ہیں ایسے لوگ بھی جھوٹ بول لیتے ہیں کیو نکہ انہیں سچ کی قدر نہیں ہو تی۔پس گو ایسا آدمی صداقت پر بھی ہو اور اپنے آپ کو صداقت پر سمجھتا بھی ہو جھو ٹ بول لیتاہے۔لیکن جو آدمی سچ مچ حق پر ہو تا ہے اور اسے اس لئے قبول کرتا ہے کہ حق ہے نہ کہ کسی اور نفسانی غرض کے لئے وہ جھو ٹ نہیں بولتا۔ پھر وہ انسان بھی جو باطل پر ہو تاہے اگر اس کی تائید کے لئے اس لئے کھڑاہوتاہے کہ اسے باطل نہیں بلکہ حق سمجھتا ہے وہ بھی جھو ٹ نہیں بولتا لیکن ان کے مقابلہ میں وہ لوگ جن کا میں نے پہلے ذکر کیا ہے جھو ٹ بولنے میں کو ئی حرج نہیں سمجھتے۔
غرض سب انسانوں کے دو گروہ ہوتے ہیں۔ ایک وہ جو سچ بولتا ہے اور دوسرا وہ جو جھو ٹ بولنے میں حرج نہیں سمجھتا ۔پھر ان میں سے ہر ایک کے دو گروہ ہیں ایک وہ جو حق پر ہو کر اِس لئے جھو ٹ بولتاہے کہ اس نے حق کو حق کے لئے قبول نہیں کیا ہوتا بلکہ اپنے اغراض کیلئے قبول کیا ہو تاہے اور دوسرا وہ جو نا حق پر ہو کر اِس لئے جھو ٹ بولتاہے کہ اس نے ناحق کونا حق سمجھ کر قبول کیا ہوتاہے۔ پھر سچ بولنے والوں کے دو گروہ ہوتے ہیںایک وہ جو حق کو حق سمجھ کر قبول کرتا ہے وہ بھی کبھی جھو ٹ نہیں بولتا اور دوسرا جو ناحق کو حق سمجھ کر اُس پر جما ہوتا ہے یہ بھی جھوٹ نہیں بولتا۔ وہ گروہ جو اپنے آپ کو حق پر سمجھتا ہے مگر حق کی تائید اس لئے نہیں کرتا کہ وہ حق ہے اور دوسرا گروہ جو خود تو نا حق پر ہو تا ہے مگر اپنے فریق مخالف کو حق پر سمجھ کر پھر بعض وجوہا ت سے اُس کی مخالفت کرتاہے ۔ان دونوں گروہوں کے آدمی کثرت سے جھو ٹ بولتے ہیں ۔یوں تو ہمیشہ ہی ان کا یہی حال ہوتا ہے مگر نبیوں کے مقابلہ میں ان کا جھوٹ اور کذب بڑ ے زور سے ظاہر ہوتاہے کیونکہ اُس وقت اِن لوگوں کو اپنی تباہی اور بربادی کا پوراپورا یقین ہو جاتاہے اِس لئے وہ اپنے بچائو کی ہر ممکن کوشش کرنا چاہتے ہیںاور ان کوششوں میں سے ایک کوشش جھوٹ کا استعمال بھی ہوتاہے۔
آپ لو گو ںکو تو معلوم ہے حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے مقابلہ میں لو گوں نے کیسے کیسے جھوٹ بولے۔مخالفین نے جھو ٹ بولنے سے ذرا پرہیز نہ کیا۔ وہ لوگ جو اپنے آپ کو راستبازی کے پھیلانے والے کہتے تھے اُنہوں نے جھو ٹ بولنے میں اوّل نمبر حا صل کیا اور اِس طرح اُن کی نسبت پتہ لگ گیاکہ گو وہ اسلام کی تائید کے لئے کھڑے ہوئے ہیں مگر اِس لئے نہیں کہ اسلام سچا مذہب ہے بلکہ اِس لئے کہ اِس میں اُن کی خود غرضی اور نفسانیت کا دخل ہے۔ حضرت مسیح موعود ؑ پران لوگوں نے قِسم قِسم کے الزامات لگائے۔کہا گیا کہ یہ دہریہ ہے حالانکہ وہ خوب جا نتے تھے کہ جس قدر اِس کا خدا پر بھروسہ اور ایمان ہے اور کسی کو نہیں ہے۔وہ اپنی جان و مال، اسباب، عزیز ،رشتہ دار خداکے لئے قربان کرنے کے لئے ہر وقت تیار تھا اوردن رات اسے یہی دُھن تھی کہ خدا کا نام دنیا میں پھیلے اس کو خداکا منکر کہا گیا۔پھر جو خود وحی اور الہام کامد عی تھا اس کے متعلق کہا گیا کہ اس کا عقیدہ برہموئوں کی طرح ہے ۔پھر کہا گیا کہ یہ حضرت مسیحؑ کو گالیاں دیتاہے حا لانکہ یہ کیو نکر ممکن تھا کہ وہ جو آپ مسیحیت کا مدعی ہو وہ حضرت مسیحؑ کو گالیا ں دے اور بُرا بھلاکہے ۔کیا کوئی شریروں اور گندے لو گوں کی طرف اپنے آپ کو نسبت دیا کر تا ہے؟ مصر میں قبطی لوگ رہتے ہیں وہ اپنے آپ کو فرعون کی طرف منسوب کرتے ہیںاوراپنے نام یوسف فرعون، ابراہیم فرعون وغیرہ رکھتے ہیں ۔لیکن وہ ساتھ یہ بھی کہتے ہیں کہ فرعون بہت نیک اور اچھا آدمی تھامگر فرعون کا نام مسلمانوں کے نزدیک گنداہے اس لئے کوئی مسلمان ایسا نہیں کرے گا۔تو جو شخص اپنے آپ کو کسی کی طرف منسوب کرتا ہے وہ کس طرح اُس کو گندہ کہہ سکتا ہے۔حضرت مسیح موعود علیہ السلام کا تو دعویٰ ہی یہی تھاکہ میں مثیل مسیح ہوں پھر آپ حضر ت مسیحؑ کو بُرا بھلا کس طرح کہہ سکتے تھے ۔پھر یہ کہا گیا کہ مرزا صاحب اہل بیت کے دشمن ہیں حالانکہ آپ نے اپنے کمالات کی ابتدء اِس طرح بیان فرمائی ہے کہ ہمارے گھر میں اہل بیت تشریف لائے یعنی وہی جن کو شیعہ پنجتن کہتے ہیں اور اہل بیت قرار دیتے ہیں اور اِس کے بعد علومِ باطنی مجھ پر کھلے ۔ پس جو شخص اپنے علومِ باطنی کے حاصل ہو نے کی بنیا د ہی اِس بات پر ر کھتا ہے کہ اہل بیت ہمارے گھر میں آئے وہ اُن کی ہتک کس طرح کر سکتا ہے۔ غرضیکہ اِس قسم کے اَور بہت سے الزام آپؑ پر لگائے گئے۔
حضرت مسیحؑ سے بھی اُن کے مخالفین نے یہی سلو ک کیا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ میں بنی اسرائیل کا بادشاہ ہوں۔ اِس سے اُن کی مراد روحانی بادشاہ ہونے کی تھی لیکن انہوں نے شور مچادیا کہ یہ خود بادشاہ بنتاہے اور قیصر کا باغی ہے چنانچہ اُنہوں نے اپنی اِس بات کو مضبوط کرنے کیلئے ایک دفعہ ایک چالاکی کی مگر خدا تعالیٰ کے انبیاء بڑے عقل مند اور دانا ہوتے ہیں حضرت مسیحؑ ان کی چال میں نہ آئے۔انہوں نے آکر پوچھا کہ ہم ٹیکس کس کو دیں؟ یعنی انہوں نے یہ سمجھا کہ یہ ہمیں منع کر دیں گے کہ قیصر کو نہ دو اِس طرح اِن کو گرفتار کرا دیں گے۔ حضرت مسیحؑؑ نے جواب دیا کہ سکہ پر کس کی تصویر ہے؟ انہوں نے کہا قیصر کی ۔ فرمایا پس جوقیصر کا ہے وہ قیصر کو دو اور جو خدا کا ہے وہ خدا کو دو ۔ ؎۳ یعنی قیصر دنیا وی بادشاہ ہے اِس لئے اُسے سکہ کا ٹیکس دو اور خداکے آگے روحانیت کا ٹیکس ادا کرو۔ پھر حضرت مسیحؑ کو گورنر کے سامنے باغی قرار دے کر پیش کیا گیا۔
اِس وقت جو ہمارا اختلاف ہے اِس میں بھی ایسے لوگ پیدا ہو گئے ہیں۔ وہ ایک چھوٹی اور قلیل جماعت ہے لیکن ہیں ضرور۔اِن میںسے شاید ایسے لوگ بھی ہوں جو اپنے آپ کو حق پر سمجھ کر ہماری مخالفت کر رہے ہیں مگر اس میں تو کوئی شک نہیںکہ وہ حق کی خاطر ایسا نہیں کر رہے کیونکہ اگر وہ حق کی خاطر کرتے تو جھو ٹ سے کبھی کام نہ لیتے ۔ وہ با تیں جو قلب اور دل کے متعلق ہیں ان میں وہ اِس لئے معذور سمجھے جا سکتے ہیں کہ شاید دشمنی اور عداوت کی وجہ سے ایک بات کو اُسی رنگ میں دیکھتے ہو ں جس میں کہ بیان کرتے ہیں لیکن ان کا صحیح صحیح واقعات اور کھلی کھلی باتوں کو بگاڑ کر پیش کرنا ثبوت ہے اِس بات کا کہ وہ جھو ٹ بولتے ہیں اور حق کی خاطر مقابلہ نہیں کر رہے ۔ انہوں نے ایسے ایسے افتراء کیے ہیں کہ دیکھ کر حیرت آتی ہے ۔
پچھلے سال کہا گیا کہ میںنے گورنمنٹ کو لکھا ہے کہ مجھے خلیفۃ المسیح تسلیم کروا دو میں آپ کی بہت مدد کروں گا۔ جب ہما ری طرف سے اِس بات کی تردید کی گئی اور گورنمنٹ کی چٹھی بھی ہماری تائید میں آگئی تو ایک اَور بات بنا لی کہ گورنمنٹ ڈر گئی ہے کہ اِس بات کے ظاہر ہونے سے ان میں فساد پڑجا ئے گا اس لئے اس نے پوشیدہ رکھا ہے حالانکہ اِنہی لو گوں نے ۱۹۱۳ء کے سالانہ جلسہ پر حضرت خلیفہ اوّل کو کہا تھا کہ گورنمنٹ نے اپنے پا س سے تنخواہیں دے کر کچھ آدمی ہمارے درمیان اِس لئے چھوڑے ہوئے ہیںکہ وہ ہم میں پھوٹ ڈلوائیں اور چند بے گناہ آدمیوں کے نام بھی لے دئیے تھے ۔ چنانچہ ۱۹۱۳ء کے جلسہ کی تقریر میں جو چھپی ہوئی ہے حضرت خلیفہ اوّل نے اِس طرف اشارہ بھی کیا تھا۔ تو یاتو اِن کایہ خیال تھا کہ گورنمنٹ نے اپنے پاس سے روپیہ دے کر پھوٹ اور فساد ڈلوانے کے لئے لوگوں کو ہمارے درمیان چھو ڑا ہو اہے یا یہ کہ گورنمنٹ کو پھوٹ ڈلوانے کا ایسا سنہری موقع ہاتھ آیا ہے لیکن وہ ایسا کرنا نہیں چاہتی اور انکار کردیتی ہے کہ ایسی کوئی درخواست وغیرہ نہیں آئی ۔
اِسی طرح اَور بہت سے جھوٹ اِن کی طرف سے مشہور کئے گئے اور جب جواب دئیے گئے تو کوئی نہ کو ئی حجت نکال ہی لی جیسا کہ میں نے ابھی بات سنائی ہے۔ اور میں دیکھتا ہو ں اِن کی اِس دروغ بیانی کا سلسلہ ابھی تک جا ری ہے۔ ایک خط آیا ہے جس میںلکھا ہے کہ ایک شخص نے کتاب حقیقۃ النبوۃسے میری عبارت کا ایک ٹکڑا نقل کر کے رکھا ہو اہے جو یہ ہے کہ بعض نادان کہہ دیا کرتے ہیں کہ نبی دوسرے نبی کا متبع نہیں ہو سکتا اور اِس کی دلیل یہ دیتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ قرآن کریم میں فرماتاہے کہ وَمَآ اَرْ سَلْنَامِنْ رَّسُوْلٍ اِلَّالِیُطَاعَ بِاذْنِ اللّٰہِ ۴؎ اور اس آیت سے حضرت مسیح موعود ؑکی نبوت کے خلاف استدلال کرتے ہیں لیکن یہ سب قلت تدبر کا نتیجہ ہے۔ اِس کے مقابلہ میں حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی عبارت ازالہ اوہام سے یہ لکھی ہو ئی ہے کہ:۔
’’ افسوس کہ مولوی صاحب مرحوم کو یہ سمجھ نہ آیا کہ صاحب نبوتِ تامہ ہر گز اُمتی نہیں ہو سکتا اور جو شخص کامل طور پر رسول اللہ کہلاتاہے وہ کامل طورپر دوسرے نبی کا مطیع اور اُمتی ہو جانا نصوص قرآنیہ اور حدیثیہ کے رو سے بکلی ممتنع ہے۔ اللہ جل شانہٗ فرماتاہے وَمَآ اَرْ سَلْنَامِنْ رَّسُوْلٍ اِلَّالِیُطَاعَ بِاذْنِ اللّٰہِ۔ یعنی ہر ایک رسول مطاع اور امام بنانے کے لئے بھیجا جا تاہے اِس غرض سے نہیں بھیجا جاتا کہ دوسروں کا مطیع اور تابع ہو۔‘‘ ۵؎
یہ دونوں عبارتیں وہ لو گو ں کو دکھا کر کہتا ہے کہ دیکھو! ہمیں میاں صاحب سے کوئی مخالفت نہیں لیکن وہ توحضرت مسیح موعودعلیہ السلام کو گالیاں دیتے ہیں جیسا کہ اِس عبارت میں نادان کہتا ہے پھر ہم کس طرح ان کے سا تھ مل سکتے ہیں ۔لیکن یہ ایک دھو کا ہے جو لوگوں کو میری طرف سے دیا جاتا ہے۔کیو نکہ میں نے حقیقۃ النبوۃ میں ہی اِس بات کو حل کر دیا ہو ا ہے کہ جب کو ئی بات منکشف نہ ہو اُس وقت تک اُس کے خلاف کہنا بُرا نہیں لیکن جب وہ کھل جائے پھر اس کے خلاف کہنا نادانی اور جہا لت ہو سکتی ہے۔ اِس کے متعلق میں نے حضرت مسیح موعو د علیہ السلام کی مثال بھی دی تھی چنانچہ حقیقۃ النبوۃ کی اصل عبارت یہ ہے کہ:۔
ایک بات جب تک پوشیدہ اور پردہ ٔاِخفا میں ہو اُ سے اصل کے خلاف ماننا ایک اور بات ہو تی ہے لیکن پردہ اُٹھ جا نے پر پھر بھی غلطی سے نہ ہٹنا ایک اور بات ہوتی ہے …اس کی ایسی ہی مثال ہے کہ پچھلی صدیوں میں قریباً سب دنیا کے مسلمانوں میں مسیحؑ کے زندہ ہو نے پر ایمان رکھا جا تا تھا اور بڑے بڑے بزرگ اِسی عقیدہ پر فوت ہوئے اور نہیں کہہ سکتے کہ وہ مشرک فوت ہوئے گو اس میں کوئی شک نہیں کہ یہ عقیدہ مشرکا نہ ہے(چنا نچہ حضر ت مسیح موعود علیہ السلام نے اس کو مشرکانہ عقیدہ قرار دیا ہے) حتی کہ حضر ت مسیح موعودؑ با وجو د مسیح کا خطاب پانے کے دس سال تک یہی خیال کرتے رہے کہ مسیح آسمان پر زندہ ہے۔‘‘ ؎۶
اب ہر ایک عقلمند آسانی سے سمجھ سکتا ہے کہ جس طرح حضرت مسیح موعود علیہ السلام نے ابتداء میں حضرت مسیحؑ کی وفات کے متعلق انکشاف نہ ہونے کی وجہ سے براہین احمدیہ میں اُن کے زندہ ہو نے کے متعلق لکھ دیا تھا لیکن بعد میں جب وفاتِ مسیح کے متعلق انکشاف ہو گیا تو آپ نے اِس عقیدہ کا رکھنا شرک قرار دے دیا اِسی طرح آ پ نے بے شک ایک وقت تک نبی کی وہی تعریف کی جو آجکل کے مسلمان کرتے ہیں لیکن چو نکہ اُس وقت تک آپ پر اِس مسئلہ کا پوری طرح انکشاف نہ ہؤ اتھا اِس لئے آ پ عام مسلمانو ں کے عقیدہ پر ہی قائم رہے مگر جب آپ پر نبو ت کی تعریف کُھل گئی تو آپ نے لکھ دیا کہ:۔
’’نبی اُس کو کہتے ہیں کہ جو خداکے الہام سے بکثرت آئندہ کی خبریں دے مگر ہمارے مخالف مسلمان مکا لمہ الٰہیہ کے قا ئل ہیں لیکن اپنی نادانی سے ایسے مکا لمات کو جو بکثرت پیشگوئیوں پر مشتمل ہو ں نبوت کے نام سے مو سوم نہیں کرتے۔‘‘ ۷؎
گویا وہی عقیدہ رکھنے والوں کو جو ایک وقت میں خود حضرت مسیح موعود علیہ السلام کا تھا نادان قرار دیا ہے اِس کی یہی وجہ ہے کہ جب تک حق نہیں کُھلاتھا وہ عقیدہ رکھنے والے معذور تھے لیکن جب حق کُھل گیا تو ان کے لئے بدلنا ضروری تھا اِسی طرح اِس آیت سے ایک وقت میں حضرت صاحب نے یہ استدلال کیا کہ نبی وہ ہو تا ہے جو دوسرے نبی کا متبع نہ ہو لیکن جب آپ پر اِس کی حقیقت کُھل گئی تو خود ہی یہ فرما دیا کہ:۔
’’نبی کے حقیقی معنوں پر غو ر نہیں کی گئی ۔نبی کے معنی صرف یہ ہیں کہ خدا سے بذریعہ وحی خبر پانے والا۔ اور شرفِ مکا لمہ اور مخا طبۂ الٰہیہ سے مشرف ہو ۔ شریعت کا لانا اُس کیلئے ضروری نہیں اور نہ یہ ضروری ہے کہ صاحبِ شریعت رسول کا متبع نہ ہو۔ ؎۸
اب جبکہ حضرت مسیح موعود ؑ نے یہ لکھ دیا ہے تو ایک ایسا شخص جو آپ کا متبع ہونے کا دعوی کرتاہے یہی کہتا جائے کہ نہیں نبی کیلئے ضروری ہے کہ وہ کسی دوسرے نبی کا متبع نہ ہو تو اُس کے نادان ہو نے میں کیا شک ہے۔نادان نہیں بلکہ اس کے عاصی اور گنہگار ہونے میں بھی کوئی شک نہیں ۔پس جب حضرت مسیح موعودؑ نے بار بار کی وحی کے ماتحت یہ لکھ دیا ہے کہ نبی کیلئے ضروری نہیں کہ وہ دوسرے نبی کا متبع نہ ہو اب جو شخص کہتا ہے کہ متبع نہ ہو نا ضروری ہے وہ ضرور نادان ہے۔
حضر ت مسیح موعود علیہ السلام نے ابتداء میں جو کچھ لکھا اُس کانام ہم احتیاط رکھیں گے کیو نکہ اُس وقت آپ پر اس کے متعلق کوئی انکشاف نہ ہو اتھا اِس لئے آپ نے عوام کے عقیدے کے مطابق لکھ دیا لیکن آپ کو ہم یہ لکھنے سے نَعُوْذُ بِاللّٰہ نادان نہیں کہہ سکتے ۔دیکھو صحابہ میں سے ایسے لوگ تھے جو شراب پیتے تھے لیکن اُن کو اسلام سے خارج نہ کیا گیا۔ کیوں؟اس لئے کہ اُس وقت شراب کی ممانعت کے متعلق کوئی حکم نہیں نازل ہوا تھا اور نہ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے منع فرمایا تھا۔ ہا ں جب حکم نازل ہو گیا اس کے بعد اگر کوئی شراب کو حلال سمجھ کر پیتا تو ضرور اسلام سے خارج ہو جا تا۔ تو بعض ایسی باتیں ہو تی ہیں کہ جب تک خدا تعالیٰ ان کے متعلق کوئی حکم نا زل نہ کرے اُس پر نبی اُسی طرح عمل ہو نے دیتا ہے جس طرح پہلے ہو رہا ہو۔ اس کے متعلق آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی اور حضر ت مسیح موعود علیہ السلام کی زندگی شاہد ہے۔
وہ شخص کیسا نا دان ہے جو یہ کہتا ہے کہ ہم نے حضرت مسیح موعود ؑکی ہتک کی ہے کیو نکہ اس کا گروہ ہم پر سب سے بڑ ا الزام ہی یہ لگاتاہے کہ ہم غلو کرتے ہیں ۔ اب اس سے کوئی پو چھے کہ کیا غلو کرنے والا بھی ہتک کر سکتا ہے؟ ہتک ہمیشہ وہی کر تا ہے جوا صل درجہ سے کم کر کے دکھانے کی کوشش کر رہا ہو ۔ ہتک کا الزام اُن پر ہے نہ کہ ہم پر کیونکہ بخیال ان کے ہم تو حضر ت مسیح موعود ؑ کے درجہ میں غلو کرنے والے ہیں اور وہ کم کرنے والے۔
پس میرے فقرہ کے وہ معنی کرنے کہ جن کی میرے ہی مضمون میں تردید کی گئی ہے نیک نیتی پر مبنی نہیں ہیں۔میں نے تو بتا دیا ہے کہ ایک بات جب تک پو شیدہ اور پردۂ اِخفاء میں ہوا سے اصل کے خلاف ما ننا ایک اور بات ہو تی ہے لیکن پر دہ اُٹھ جا نے پر پھر بھی غلطی سے نہ ہٹنا ایک اور بات ہوتی ہے۔ مثلاً ایک شخص لاہور جائے وہا ں جا کر اسے دکھ پہنچے تو اس میں اس کا کوئی قصور نہیں ۔لیکن اگر لاہور جانے سے پہلے رؤیا کے ذریعہ اس بات کا علم ہو جائے کہ وہاں جا کر مجھے دکھ پہنچے گا اور پھر چلاجائے تو یہ اُس کی نا دانی اور بے وقوفی ہو گی ۔ پہلی دفعہ جا نا اُس کی نا دانی نہیں ہو گی کیو نکہ اُسے علم ہی نہیں تھا لیکن جب اُسے بتا دیا گیا تو پھر جا نا اس پر الزام لائے گا۔
یہ تو ان لوگوں کی جہا لت ہے جو ہم پر حضرت مسیح موعود ؑ کی ہتک کا الزام لگاتے ہیں ۔اب سوال یہ ہے کہ کیو ں وہ ایسا کہتے ہیں؟ خدا تعالیٰ فرماتا ہے ایسے لوگ تومجھ پر بھی اسی طرح حملے کرتے ہیں اور انسان کا کلام تو الگ رہا خداکے کلام کو سن کر اور سمجھ کر اور معنی کر لیتے ہیں۔پس جب اللہ تعالیٰ کے کلام کے متعلق ایسا کرنے والے ہیں تو پھر ہمیں کیا تعجب ہے۔ مگر یہ ضرور ہے کہ جو شخص حق کی تا ئید کے لئے کھڑا ہو تاہے وہ جھوٹ بولنے کی جرات نہیں کرتا کیونکہ جھوٹ بہرحالت میں جھوٹ ہی ہے خواہ سچ کی تائید کے لئے ہی کیوں نہ بولا جائے۔
ہم تو حضرت مسیح موعود ؑ کو خدا تعالیٰ کا نبی اور برگزیدہ مانتے ہیں کیا ہم مانتے ہوئے آپ کو نادان کہہ سکتے ہیں ؟ہاں وہ جو آپ کے درجہ کو گھٹا رہے ہیں وہ ایسا کہیں تو کوئی تعجب کی بات نہیں ہے ۔چنانچہ وہ اب اپنے ہا دی اور مرشد کو ’’ایک شخص، ایک شخص‘‘ ایسے حقارت آمیز الفاظ سے یا د کرتے ہیںاللہ تعالیٰ ان لوگوں کو حق دکھائے جو اِس بات کی کو شش میں لگے ہو ئے ہیں کہ ہم کو حق سے پھیر کر باطل کی طرف لے جا ئیں ۔ اللہ تعالیٰ ان کو نشان پر نشان دکھا تاہے مگر باوجو د اس کے جس طرح ایک کیمیا گر ایک آنچ کی کسر سمجھتا ہے اِسی طرح وہ ایک با ر اور کو شش کی کمی سمجھتے ہیں اور کہتے ہیں کہ اب ان کو توڑ دیں گے۔ چو نکہ خدا تعالیٰ کا وعدہ ہے کہ وہ مسیح موعود علیہ السلام کی جماعت کو سب پر غالب رکھے گا اِس لئے ان کی کو ششوں سے ہمیں کوئی فکر نہیں۔ مگر دل چاہتا ہے کہ وہ جو کبھی ہمارے تھے اِن کو بھی خدا حق قبول کرنے کی توفیق دے اور وہ پھر ہما رے ہو جائیںاور اِس طرح ہمارے راستہ سے یہ روک بھی دُور ہو جائے اور ہم اپنا فرض پوری توجہ سے ادا کر سکیں۔‘‘ (الفضل ۲۷؍جون۱۹۱۶ئ)
۱؎ البقرہ :۷۶
۲؎ بخاری کتاب المغازی باب غزوۃ خیبر
۳؎ متی باب ۲۲ آیت ۲۰۔۲۱
۴؎ النسآء : ۶۵
۵؎ ازالہ اوہام۔ روحانی خزائن جلد ۳ صفحہ ۴۰۷
۶؎ حقیقۃ النبوۃ صفحہ ۱۴۱،۱۴۲ ۔ایڈیشن ۱۹۱۵ء
۷؎ چشمۂ معرفت۔ روحانی خزائن جلد ۲۳صفحہ ۱۸۹
۸؎ براہین احمدیہ حصہ پنجم۔ روحانی خزائن جلد ۲۱ صفحہ ۳۰۶
۱۹
دُعا پر بہت زور دو
(فرمودہ۱۶؍جون۱۹۱۶ئ)
تشہد، تعوذ اور سورئہ فاتحہ کی تلاوت کے بعد فرمایا:۔
’’دنیا میں دو قسم کی چیزیں ہمیں نظر آتی ہیں ایک تو وہ جو کچھ عرصہ کے بعد پُرانی ہو جاتی ہیں اور انسان کی ضروریات کو پورا کرنے سے قاصر رہتی ہیں اِس لئے آہستہ آہستہ اُن کو چھوڑ دینا پڑتا ہے۔ دوسری وہ چیزیں ہیں جو ہمیشہ نئی کی نئی رہتی ہیں اور ہر زمانہ میں انسان کے استعمال میں آتی رہتی ہیں اُن کے چھوڑ دینے میں انسان کا اپنا نقصان ہوتا ہے۔ اور جو اُنہیں چھوڑتا ہے گویا وہ اپنی کامیابی کو چھوڑتا ہے کیونکہ وہ کبھی پُرانی نہیں ہوتیں۔ جیسے کہ انسان کے پیدائش کے وقت تھیں اور جیسے کہ حضرت آدمؑ کے وقت سے اُن کی ضرورت تھی ویسے ہی موجودہ اور آئندہ زما نے میں بھی اُن کی ضرورت چلی جا تی ہے۔
مختلف عقائد اور مختلف خیالات بھی پُرانے اور نئے ہوتے ہیں ۔کئی خیالات تھے جو کسی زمانہ میں بالکل نئے تھے اور لوگ ان کو نہایت ضروری سمجھتے اور کہتے تھے کہ ترقی اُنہی کے ذریعہ ہو سکتی ہے مگر آج اُنہی کو پرانے خیالات کہا جاتا اور لغو قرار دیا جا تاہے۔ اور جس طرح ظاہری اشیاء نئی اور پُرانی ہو تی ہیں اِسی طرح خیالات اور عقائد بھی نئے اور پرانے ہو تے رہتے ہیںاور پھر ان میں بھی یہی حال ہے کہ بعض عقائد اور خیالات ایسے ہیںکہ ہمیشہ ایک ایسے ہی رہتے ہیں کبھی پرانے نہیںہوتے ۔ وہ دائمی صداقتیں ہوتی ہیں جن کو انسان کسی صورت میں بھی جھو ٹ قرار نہیں دے سکتا ۔ اس قسم کی ہمیشہ نئی رہنے والی چیزوں میں سے ایک بڑی چیز دُعاہے یہ بھی کبھی پُرانی نہیں ہوتی۔کو ئی زمانہ ایسا نہیں آیاکہ انسانو ں نے کہا ہو کہ اب یہ ہمارے لئے مفید نہیں رہی کیو نکہ پُرانی ہو گئی ہے یا اس لئے کہ نئے علوم، نئی ایجا دیں اور نئے اصو ل نکل آئے ہیں اب اِس کی ضرورت نہیں رہی۔ یہ نہ پہلے کسی زمانہ میں ہوا ہے نہ اب ہے اور نہ آئندہ ہو گا کہ لو گ دعا سے مستغنی ہو جا و یں بلکہ جتنا انسان ترقی کر تا جا ئے گا اُتنا ہی زیادہ دعا کا محتا ج ہو گا۔ بہت لو گوں نے اِس با ت کو سمجھا نہیں کہ علوم و فنو ن کی تر قی انسانی اعمال کی ترقی اور زیادہ دعا کا محتاج کر دیتی ہے۔یہ تو ایسی ہی بات ہے کہ ایک شخص کے پاس اتنا بوجھ ہو جسے وہ مشکل سے اُٹھا سکتا ہو تو ہو سکتا ہے کہ وہ کسی اَور کو اُ ٹھوا نے کے لئے آواز دے۔ مگر ایک ایسا شخص جس کے پاس ایسا بوجھ ہو کہ وہ اکیلا اُٹھا ہی نہ سکے تو ضرور ہے کہ اَور کو بُلائے کیونکہ جس قدر بوجھ زیادہ ہو تا ہے اُسی قدر مدد کی زیادہ ضرورت ہو تی ہے اِسی طرح جس قدر علوم و فنون بڑھے انسان کے اعمال بڑھ گئے۔اور جب اعمال بڑ ھ گئے تو ان کی مدد کی بھی زیادہ ضرورت ہوئی کیونکہ علوم کے بڑھنے کے ساتھ محنت اور مشقت بھی بڑھ گئی۔
دیکھ لیجئے جس وقت انسان صرف شکار پر گزارا کرتے اور لبا س نہیں پہنتے تھے اُس وقت انہیں صرف یہی کرنا پڑتا تھاکہ شکا ر کرتے اورانہیں پتھروں پر بھو نتے اور کھا لیتے بس دن رات میں انہیں یہی مشقت کرنی پڑتی تھی لیکن جب علوم نے ترقی کی تو مشکلا ت اور محنت دونو ں بڑھ گئیں تو علوم کی ترقی ذمہ داریوں اور بو جھو ں کی ترقی ہو تی ہے ۔وہ قومیں جو اِس وقت تر قی پر ہیں اِن کو دیکھو تو پتہ لگے کہ کس قدر کام میں مشغو ل رہتی ہیں لیکن جن قوموں نے ان کے مقابلہ میں ترقی نہیں کی وہ بہ نسبت ان کے کم محنت و مشقت کر تی ہیں کیو نکہ وہ اگر زیادہ محنت کریں تو ان کی زندگی مشکل ہو جا ئے۔ان کا آپس کا مقابلہ بہت زورسے ہو رہا ہے اور یہی بات ان کو دن رات محنت کرنے پر مجبور کر تی ہے۔پس علوم کی ترقی انسانی ذمہ داریوں اور بو جھو ں کو کم نہیں کر تی بلکہ اَور زیادہ بڑھا دیتی ہے۔ چو نکہ اِس زمانہ میں علوم نے بہت زیا دہ ترقی کر لی ہے اس لئے جس قدر دعا کی ضرورت پہلے زما نہ میں تھی آج اُس سے بہت بڑھ کر ہے لیکن تعجب اور حیرت کا مقام ہے کہ انسان جس وقت سب سے زیادہ دعا کا محتاج ہے اُس وقت سب سے زیادہ غفلت اور لا پر واہی سے کام لے رہا ہے۔ اور یہ ایسی ہی بات ہے کہ جب کسی کو معمولی سی حرارت ہو تو دواپئے لیکن جب تیز تپ ہو جائے تو کہے کہ اب دوا کی ضرورت نہیں حالانکہ وہی وقت دوا پیئے کاہے۔تو گو انسان دعا کا ہمیشہ سے محتا ج چلاآرہا ہے مگر اِس زمانہ میں بہت ہی زیادہ ہے لیکن اِسی زما نہ میں بہت سے لو گ ایسے کھڑے ہو گئے ہیں جو کہتے ہیں کہ دعا ایک لغو اور پرانا خیال ہے صرف زبان کی حرکت سے کیا نتیجہ نکل سکتا ہے حالا نکہ یہی لو گ دیکھتے ہیں کہ زبان کی حرکت انسان کو کنو یں میں گرا دیتی ہے اور زبان کی ہی حرکت اعلیٰ مدارج پر پہنچا دیتی ہے۔پھر دیکھو گداگر بھی زبان ہی ہِلاتے ہیں کیا انہیں زبان کی اِس حرکت سے مادی نفع نہیں مل جاتا؟ ایک بڑے دنیا دار شخص نے کہا تھاکہ لفظوں سے مادی فائدہ نہیں مل سکتا اس لئے دعاکرنا ایک لغوامر ہے مگر اُس کو یہ خیال نہ آیا کہ ایک محتا ج آکر سوال کر تا ہے اِس سوال کر نے پر پیسہ، دو پیسے، آنہ، دو آنے اس کے ہاتھ میں چلے جاتے ہیں کیا اس کو مادی فا ئدہ حا صل نہیں ہوا؟ ضرور ہوا ہے۔ پس اگر انسان پر گداگر کے الفاظ کا اثر ہو تا ہے اور باوجود اِس کے کہ وہ خود محتا ج ہو تاہے اُس کی دستگیری کرتاہے تو خدا جو کسی کا محتاج نہیںاُس کے حضور اگر کوئی عر ض کرے تو کیا وجہ ہے کہ وہ دستگیری نہیں کرے گا ۔یہ بہت نا دانی اور کم عقلی کی بات ہے اور جو لوگ اِس طرح کہتے ہیں انہوں نے دعا کو ایک ڈھکو سلہ سمجھ رکھا ہے۔اگر یہ لو گ تدبر سے کام لیتے تو اُنہیں دعا کی صداقت کے قبو ل کرنے میں کوئی مشکل پیش نہ آتی کیو نکہ بعض عقائد تو ایسے ہوتے ہیں جن کا نتیجہ عمل کو چاہتا ہے مگر دعا ایک ایسی چیز ہے کہ انسان فوراً اس کا اثر دیکھ سکتا ہے اور ہمیشہ اور ہر زمانہ میں اس کا تجربہ کر سکتا ہے۔ حضر ت مسیح موعود علیہ السلام نے اپنے مخالفین کو چیلنج دیا تھا کہ اگر کسی میں جر أت ہے تو آئے میرے مقابلہ میں دعاکرے اور پھر دیکھ لے کہ کس کی دعا قبول ہوتی ہے۔ ؎۱ یہ ایک نتیجہ تھا اور مشاہدہ تھا جو ہر ایک کھلے طور پر دیکھ سکتاتھا مگر کسی کو اس کی جرأت نہ ہو سکی۔ تو اس مسئلہ میں کسی لمبی چو ڑی تقریر کی ضرورت نہیں ہے۔ انسان جب بھی خداکے حضور جھکے خدا اُس کی دعا کو قبول کر لیتا ہے اور اِس طرح وہ دعا کی صداقت کو دیکھ سکتا ہے اور خود تجربہ کر سکتاہے۔
دعاایک ایسی طاقتور چیز ہے کہ دنیا میں اور کو ئی طاقت اس کا قابلہ نہیں کر سکتی۔ اور بھی بہت بڑی بڑی طا قتیں ہیں مثلاً پانی کی طاقت، بجلی وغیرہ کی طا قت ہے مگر دعا کے مقابلہ میں کچھ بھی نہیں ۔ایک بزرگ کی نسبت لکھا ہے کہ وہ جس جگہ رہتے تھے اُن کے پڑوس میں ایک بڑا امیر رہتا تھا جو ہروقت گانے بجا نے میں مشغول رہتا جس سے انہیں سخت تکلیف ہوتی۔ ایک دن وہ اُس کے پا س گئے اور جا کر کہا دیکھو بھئی! میں تمہارا ہمسایہ ہو ں اِس لئے میرا بھی تم پر حق ہے۔ اوّل تو تمہیں اِس لغوکام سے خود ہی رُک جا نا چاہئے تھا لیکن اگر ایسا نہیں کیا تو اب میری خاطر ہی اِسے ترک کر دو کیو نکہ مجھے اس سے سخت تکلیف ہو تی ہے۔ وہ چونکہ بڑا رئیس اور صاحبِ رسوخ تھا اُس نے کہا تم کون ہوتے ہو مجھے روکنے والے؟ ہم کبھی نہیں رُکیں گے۔ انہوں نے کہا اگر آپ اس طرح نہیں رُکیں گے تو ہم بھی مجبور ہیں ہم اور طرح سے روکیں گے۔ اُس نے کہا کیا تم روکو گے؟ کیا تم میں اتنی طاقت ہے؟ میں ابھی سرکا ری گارڈ منگواتاہوں۔ انہو ںنے کہا ہم گارڈ کا بھی مقابلہ کریں گے۔ اُس نے کہا تم ان کا کیا مقابلہ کر سکتے ہو؟ انہوں نے کہا۔ نادان! ہمارا مقابلہ توپوں اور بندوقوں سے نہیں ہو گابلکہ سہام اللیل سے ہو گا۔ لکھا ہے یہ الفاظ انہوں نے کچھ ایسے دردناک لہجہ میں فرمائے کہ اُس کی چیخیں نکل گئیںاور بول اُٹھا۔اس کا مقابلہ نہ میں کر سکتا ہوں اورنہ میرا بادشاہ کر سکتاہے۔آئندہ کے لئے میں اقرار کر تا ہوں کہ آپ کو گانے بجانے کی آواز نہیںسنائے دے گی۔تو دعا میں وہ طاقت ہے کہ کوئی توپ و تفنگ اس کا مقابلہ نہیں کر سکتی۔ کیوں؟ اِس لئے کہ یہ تیر زمین سے نہیں بلکہ آسمان سے آتے ہیں ۔پھر انسانوں کے ہاتھوں سے نہیں بلکہ خدا انسانوں سے لے کر خود پھینکتا ہے اور خداکے پھینکے ہو ئے کو کوئی نہیں روک سکتا۔ کہتے ہیں کہ زمین میں کشش ہے اِس لئے جس قدر بلندی سے کوئی چیز گرے اُسی قدر زور سے گرتی ہے۔ خدا تعالیٰ یوں بھی سب بلندیوں سے بلند تر ہے اس لئے اُس کے ہاں سے آیا ہو ا تیر کو ئی روک نہیں سکتا۔ وہ پہا ڑوں کی روکوں اور قلعوں کی دیواروں کو چیرتا اور سب پردوں کو چاک کرتا ہوا منزلِ مقصود پر پہنچ جاتاہے۔
پس دعا ہی ایک ایسا ذریعہ ہے جو سب سے بڑا اور یقینی ہے۔ اِس سے میرا مطلب یہ نہیں کہ دیگر ذرائع سے کام نہ لیا جا ئے کیو نکہ جو لوگ دیگرذرائع سے کام نہیں لیتے اُن کی دعا بھی قبول نہیں ہو سکتی۔ دعا بھی اُس وقت قبول ہو تی ہے جبکہ دیگر ذرائع سے کا م لیا جائے۔ جس طرح دنیا میں سائل کے لئے یہ ضروری شرط ہے کہ وہ خو د کوئی محنت اور مشقّت نہ کر سکتا ہو یا جس قدر اس کی طاقت ہے اتنی کو شش کرے لیکن کا میا بی نہ ہو تو اس کے لئے سوال کرنا جا ئز ہو سکتا ہے ورنہ نہیں۔ حضرت عمر ؓ جب کسی ایسے سائل کو دیکھتے جو طاقتور اور محنت کرنے کے قابل ہو تا تو جو کچھ اُس نے سوال کر کے لیا ہوتاوہ بھی چھِین لیتے اور کہتے جا ئو جا کر محنت کرو اور کھا ئو کیو نکہ سائل وہی ہو سکتا ہے کہ جس قدر اُس کی ہمت ہو اُتنی کرے اس کے بعد اگر اُسے مدد کی ضرورت ہو تو سوال کرے۔ اِسی طرح خداتعالیٰ سے مدد حاصل کرنے کے لئے پکارنے سے پہلے انسان کے لئے ضروری ہے کہ جتنی اس کی اپنی طاقت اور ہمت ہو اُس کو کام میں لائے اور پھر دعا کرے کہ اے مولیٰ! میں نے اپنی طرف سے سب طاقت اور ہمت خرچ کر لی ہے لیکن میں کمزور اور عاجز ہوں آپ میری مدد کیجئے۔جب اس طرح کوئی دعا کرے گا تو اُس کے قبو ل ہونے میں کوئی روک نہیں ہو سکے گی ۔لیکن اگر کوئی خود ہا تھ پائوں توڑ کر بیٹھا رہے اور کہے کہ جو میں دعا کروں وہ قبول ہو جائے ۔یہ نا ممکن ہے۔
ایک بزرگ کے متعلق لکھا ہے کہ اُس کے پاس بادشاہ آیاجس کو انہوں نے چند ایک نصیحتیں کیں۔مثلاً یہ کہ شراب نہ پینا ،ظلم نہ کرنا ،وہ کہتا گیا بہت اچھا۔ جب انہوں نے کہا کہ شکار کم کھیلا کرنا تو کہنے لگا۔ دعا کرو خدا مجھے ایسا کرنے کی توفیق دے۔ انہوں نے کہا۔ شکار چھوڑنے کی تمہا ری نیت نہیں ہے۔ اور باتوں کے متعلق تم نے دعاکے لئے کیوں نہ کہا اور اس کے بعد کہہ دیا ۔معلوم ہوتاہے اس طرح تم ٹا لنا چاہتے ہو۔ یہی حال آجکل لوگوں کا ہے۔ جس بات کو محنت سے نہ کرنا چاہتے ہوں یا سستی کی وجہ سے نہ کرتے ہوں اُس کے متعلق چاہتے ہیں کہ دعا ہو جائے حالانکہ دعا اُس شخص کے لئے ہتھیار ہے جو اپنی طاقت بھر محنت اور کوشش کرے اور پھر کامیاب نہ ہو سکے یعنی جس قدر اُس سے ہوسکتا ہے وہ محنت کرتا ہے لیکن کامیا ب نہیں ہو سکتا۔یا کسی مجبوری کی وجہ سے محنت کر ہی نہیں سکتا اُس کے لئے دعا ہے جو کمی یا نقص اُس کی محنت میں رہ جا تا ہے وہ دعا کے ذریعہ دُور ہو جا تا ہے۔
ہمارے اِس زمانہ میں جیسا کہ میں نے بتایا ہے سب سے زیادہ مشکلات پیدا ہو گئی ہیں اس لئے سب زمانو ں سے زیادہ دعا کی ضرورت ہے کیو نکہ مقابلہ کے لئے ہر رنگ کے سامان پیدا ہو چکے ہیں ۔ یعنی شرارت کے، علوم کے،سا ئنس کے، تا ریخ و غیرہ کے اعتراض بڑ ھ رہے ہیں اور پوشیدہ تعلیمیں نکل رہی ہیںلیکن اِن کا مقابلہ کرنے کی ہر ایک انسان میں طاقت نہیں ہے کیونکہ جب تک تمام علوم سے واقف نہ ہو اُس وقت تک جواب نہیں دے سکتا۔اور تمام علوم سے واقف ہو نا کوئی آسان کام نہیں ۔پھر اِس زما نہ کی ترقیوں نے لو گو ںکو خدا تعالیٰ سے بالکل غافل کر دیا ہے اس لئے ان کو سمجھا نا بہت مشکل کام ہو گیا ہے۔اب اِن سامانوں کے ساتھ ان کا مقابلہ کرنا جو ہمارے ہا تھ میں ہیں بہت مشکل بلکہ نا ممکن ہے اور ہونا بھی ایسا ہی چا ہئے تھا کیونکہ اِس آخری ز ما نہ میں خدانے جو مصلح بھیجا ہے اُس کا ہتھیار ہی خالص دعا ہے۔پہلے انبیا ء کے وقت اَور ہتھیار بھی استعمال کئے جاتے تھے مثلاً آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کے مقابلہ میں جب تلوار اُٹھائی گئی اور آپ کو جب سخت تنگ کیا گیاتو اِس کا جواب اُنہیں تلوار سے ہی دیا گیالیکن اِس زمانہ میں خدا تعالیٰ نے اپنے برگزیدہ کو تمام ہتھیاروں کی بجائے صرف دعاکا ہی ہتھیار دیا ہے یہی وجہ ہے کہ حضرت مسیح موعودعلیہ السلام نے اپنے زمانہ میںجہاد کو قطعی حرام قرار دے دیا ہے ورنہ جہاد تو کہتے ہی اُس مقابلہ کوہیں جو دشمن کے سخت تنگ کرنے اور تکا لیف دینے پر بطور اپنے بچائو کے کیا جاوے لیکن یہ وہ زمانہ ہے کہ اِس میں اِتنی بھی اجا زت نہیں ہے تاکہ دعا او ر صرف دعا سے ہی اس جماعت کی ترقی ہو ۔کیو نکہ اس زمانہ میں مقابلہ کے سامان کثرت سے پیدا ہو چکے ہیں اور دن بدن ہو رہے ہیں لیکن دعا ہی ایک ایسی چیز ہے جسے بیکا ر سمجھ کر چھو ڑ دیا گیا ہے اور اِس کے فائدہ رساں ہونے سے انکار کیا گیاہے اس لئے خدا نے چاہاہے کہ دعا کے ذریعہ اِس جماعت کو پھیلائے تا کہ ایک تو جو لوگ اِس کے اثر سے منکر ہیں وہ قائل ہو جا ئیں دوسرے اِس جما عت کے لئے آسانی ہو۔
اِس زمانہ میں یو رپ کے لوگ جس آرام طلبی اور آسائش میں پڑے ہو ئے ہیں ہم انہیں کہاں سمجھا سکتے ہیں سوائے اِس کے کہ ہما رے مبلّغ دعا ئیں کریں اور خدا کا فضل اُن کے دلوں کو پاک کر کے حق کی طرف پھیر دے۔ اِس وقت ہمارے پاس دعا ہی ایک ایسا ہتھیا ر ہے جس کے ذریعہ ہم کامیا ب ہو سکتے ہیں ۔زرتشت نبی کے خلیفہ جا ماسپ کی ایک کتاب ہے جس کا نام جاماسپی ہے اُس میں لکھا ہے کہ ایک نبی آخری زمانہ میں آئے گا اُس وقت شیطان بڑا زور آور حملہ کرے گا۔ وہ نبی اس شیطان سے جنگ کرے گااور کامیا ب ہو جائے گا۔ مگر کس چیز سے؟ تلوار اور بندوق سے نہیں بلکہ دعائوں سے ۔اس کے علاوہ یوں بھی حدیثوں میں آیا ہے کہ مسیح کے دم سے کا فر مریں گے ۔ ؎۲ ان باتوں سے پتہ لگتاہے کہ در حقیقت سامان اِس وقت کچھ نہیں کر سکتے۔
پس جب خدا تعالیٰ نے ہما ری تما م فتوحات کو دعائوں سے وابستہ کر دیا ہے تو اِس بات کی بہت ہی ضرورت ہے کہ ہم خصو صیت کے ساتھ دعائو ں کی طرف متوجہ ہوں ۔ اِس میں شک نہیں کہ ہماری جماعت کے لوگ دوسروں کی نسبت زیادہ دعائوں پر زور دیتے ہیں حتّٰی کہ لوگ ہنستے ہیں ۔ تاہم ابھی ضرورت ہے کہ خوب زور سے دعائیں کی جا ئیں لیکن اس سے پہلے یہ یقین کر لینا چا ہئے کہ دعا ایک ایسی چیز ہے جس کے سامنے کو ئی روک حا ئل نہیں ہو سکتی اور اس کے ذریعہ خطر نا ک سے خطرناک دشمن اِس طرح کچلے جا تے ہیں کہ دیکھنے والے حیران رہ جا تے ہیں۔ پس دعائوں پر بہت زور دو اور جتنا پہلے دیتے ہو اُس سے بھی زیادہ دو کیو نکہ دشمن جس قدرقوی ہو تاہے اُسی قدر زیادہ اُس کے مقابلہ کے لئے تیاری کی جا تی ہے۔ ہمارا دشمن بہت بڑا ہے اور جس قدر روکیں ہمارے راستہ میں ہیں اِتنی پہلے نہ تھیں ۔قرآن کریم میں اللہ تعالیٰ فرماتاہے ۳؎ کہ وہ ایسا زمانہ ہو گا جب کہ اسلام کو تما م دینوںپر غالب کیا جاوے گاگویا اُس وقت باقی تمام دین بھی ظاہر ہو جائیں گے جن کے ساتھ اسلام کو مقابلہ کرنا ہو گا۔ اب دیکھ لو اِس کے لئے کس قدر محنت اور کوشش کی ضرورت ہے اور وہ محنت یہی ہے کہ ہم دعائوں میں زور سے لگے رہیں۔ہما ری جماعت نے دعائوںکا بہت تجربہ کیا ہے۔ حضرت مسیح موعود ؑ کے وقت تو دعائوں کے ذریعہ ایسی ایسی کا میابیاں ہو تی تھیں کہ دیکھنے والے حیران اور ششدر رہ جا تے تھے۔ پس دعا ہمارے لئے کو ئی بند لفافہ نہیں کہ گھبرائیں کہ اِس کے اندر کیا ہو گا بلکہ کھلی اور واضح تحریر ہے جس کو ہم نے بار بار پڑ ھا ہے، اِس کے اثرات کو دیکھا اور اس کے نتائج کا مشاہدہ کیا ہے اِس لئے ہما رے لئے اِس کی طرف متوجہ ہو نا کچھ مشکل نہیں ہے۔ کیونکہ جس چیز سے ایک دفعہ انسان فا ئدہ حاصل کر لیتاہے دوسری دفعہ زیادہ رغبت سے اس کی طرف متوجہ ہوتاہے۔ہم میں سے خداکے فضل سے ہر ایک نے دعائو ں کا نتیجہ محسوس کیا ہوا ہے پھر کونسی چیز ہے جو ہمارے راستہ میں روک ہو سکے سوائے اِس کے کہ ہمارے نفس کی سستی اور کاہلی روک ہو۔ لیکن جس کام کے لئے ہم کھڑے ہیں اس میںسستی کا ایک منٹ بھی سخت مضر اور خطرناک ہے۔ کیا کو ئی سمندر میں یاخطرناک جنگل میں سست ہو کر لیٹ سکتاہے؟ ہر گز نہیں ۔ اِسی طرح ہم بھی ایک ایسے جنگل اور بیابان میں ہیں جس کے چاروں طرف درندے ہی درندے نظر آتے ہیں۔ پس ہماری جماعت کو چاہئے کہ نما زوں کے علاوہ دوسرے اوقات میں بھی دعائوں پر بہت زور دیں۔اور یہ سمجھ لیں کہ جب باربار ایک جگہ دعا پڑتی رہتی ہے توپھر اس کے قبول ہو نے میں کوئی روک نہیں ہو سکتی ۔
مجھے اپنی ساری عمر میں آج تک کوئی ایسا اتفاق نہیں ہواکہ میں نے کوئی دعا کی ہو اور وہ قبول نہ ہوئی ہو ۔اور جہا ں منشائے الٰہی نہ ہو وہا ں دعاکرنے کی توفیق ہی نہیں ملتی ۔ مجھے خوب یاد ہے کہ حضرت صاحب کی آخری بیماری میں مجھ سے دعاکرنے کی توفیق چھینی گئی۔ مجھے اِس سے گھبراہٹ بھی پیداہوئی کہ کیا مجھے آپ سے محبت نہیں ہے کہ آپ کی صحت کیلئے دعاکرنے کی طرف توجہ نہیں ہوتی۔پھر میں نے اس بات کیلئے دعاکی کہ مجھے آپ کی صحت کے لئے دعاکرنیکی توفیق ملے لیکن بالکل نہ ملی۔مجھے دعاکرتے وقت کچھ روک سی معلوم ہوئی۔جب میںنے حد سے زیادہ دعاکرنے کی کو شش کر کے دیکھ لیا کہ طبیعت اِس طرف متوجہ نہیں ہو تی تو سمجھا اِس میں خداکی مصلحت ہے۔تو جب کوئی انسان سنجیدگی اور اخلاص سے دعاکرے تو اگر خداکا منشاء قبول کرنے کا نہ ہو تو اُسے توفیق ہی نہیں دیتا اور اگر توفیق دے تو ضرور قبول کر لیتا ہے۔
اصل بات یہ ہے کہ جب دعا میں اخلاص اور توکل پیدا ہو جائے تو وہ کبھی نہیں ٹلتی یہی بات خدا تعالیٰ نے اس میں فرمائی ہے کہ ۴؎ شکار کو گھیر کر کسی خاص جگہ تک لے جانے کو اِضْطَرَّ کہتے ہیں ۔ تو مُضْطَرّ کے یہ معنی بھی ہوئے کہ ایسا شخص جس کے سب سامان کٹ جا ئیں ۔بعض لو گوں نے اضطرار کو سمجھا ہی نہیں۔ وہ کہتے ہیں رونے، گڑ گڑ اکر دعا ما نگنے کا نام اضطراری دعاہے حالانکہ یہ ٹھیک نہیں ہے۔ مُضْطَرّ اُس انسان کو کہتے ہیںجس کے تمام آسرے اور اُمیدیں کٹ کرصرف خدا ہی خدا کا سہارا رہ جائے ۔ایسے انسان کی دعا قبول ہو تی ہے اِس کے علاوہ خواہ کوئی کتنا روئے یا گڑگڑائے اُس کی دعا قبول نہیں ہو سکتی ۔پس اگر تم لوگ ایسے رنگ میں دعائیں کرو گے تو وہ ردّ نہیں ہو ں گی۔رو کر تو بتوں پر چڑھا وے چڑھا نے وا لے بھی اُن سے دعائیں مانگتے ہیں اس لئے رونا دعاکے قبول ہونے کے لئے شرط نہیںبلکہ پوراپورا توکل اور آسرا سوائے خداکے اور کسی کا نہیں ہو نا چاہئے۔ ہر طرف خداہی خدا نظر آئے۔ایسے وقت جو انسان دعا کرے اُس کی کبھی ردّ نہیں ہوتی اور اگر ردّ ہونی ہو تو اُسے دعا کرنے کی توفیق ہی نہیں ملتی۔ اور جو خداکے برگزیدہ انسان ہوتے ہیں اُن کو قبول نہ ہو نے والی دعا کے متعلق پہلے ہی بذریعہ الہام یا کشف کے بتا دیا جاتاہے۔جیسے حضرت مسیح موعودؑ کو بتایا گیاکہ اُجِیْبُ کُلَّ دُعَا ئِکَ اِلَّا فِیْ شُرَکَائِکَ۵؎ ان کے علاوہ اور لوگوں کے دلوں میں کچھ ایسی کیفیت پیدا کر دی جا تی ہے کہ دعا کرنے کی طرف پوری توجہ نہیں ہو سکتی اس سے معلوم ہو جا تاہے کہ منشائے الٰہی کچھ اَور ہے۔ غرض یہ بڑا کارآمد اور مفید ہتھیار ہے۔ دیگر سامانوں کے لحاظ سے تو ہما رے پا س کچھ بھی نہیں ۔ نہ حکومت ہے، نہ مال ہے، نہ دولت ہے، نہ فوج ہے ، نہ کو ئی ایسا سامان ہے۔ ہمارے کام جیسے ہو نے چاہئیں اُس کے مقابلہ میں بہت چھوٹے چھوٹے پیمانہ پر چل رہے ہیں ۔ پھر بھی قریباً تمام فنڈ مقروض ہی رہتے ہیں تو دنیا وی سامانوں کے ساتھ ہم اپنے دشمن کا مقابلہ نہیںکر سکتے۔ ہما را مقابلہ اِسی طرح ہو سکتاہے کہ خداکا فضل اور رحمت آکر ہمارے لئے راستہ صا ف کر دے۔ اور یہ تب ہو سکتا ہے جبکہ ہم مضطر ہو کر دعا ئیں ما نگیں اور خدا کے سوا کوئی سہا را اور امیدگاہ خیال نہ کریں ہما رے لئے صرف ایک خدا ہی ہو اور وہی ہر طرف دکھائی دے ۔ جس طرح کسی شا عر نے کہا ہے ۔ ؎
جِدھر دیکھتا ہوں اُدھر تُو ہی تُو ہے
جب ایسا ہو جائے تو خدا ضرور ہما ری دعائیں قبول کرے گا ۔ پس دعا ئوں میں لگ جائو اور اِس بات کا یقین رکھو کہ ضرور قبول ہو جائیں گی۔ اور اس بات کے لئے بھی دعا ما نگو کہ خدا تمہیں یہ دعائیں کرنے کی تو فیق دے۔ جس وقت خدا کا منشاء اور ارادہ انسان کے شامل حال ہو تاہے تو دعا کرنے کے عجیب عجیب طریق اُسے سُوجھ جا تے ہیں ۔بعض دفعہ تو الفاظ اور فقرات سکھائے جاتے ہیں۔
وہی فتنہ جو ہما ری جما عت میں ایک گمنا م ٹریکٹ کے ذریعہ بر پا کرنے کی کوشش کی گئی تھی ابھی وہ ٹریکٹ شائع نہیں ہو ا تھا کہ مجھے شملہ میں رئویا میںدکھا یا گیا کہ ہم کچھ آدمی ہیں جنہیں پہاڑ پر جا ناہے اور ایسا معلوم ہو تاہے کہ راستہ میں جنا ت ہیں جو نظر تو نہیں آتے لیکن ہمارے راستہ میں رُکاوٹ ڈالنا چاہتے ہیں۔ میں اپنے ساتھیوں کو کہتا ہوں کہ وہ تم کو راستہ سے ہٹائیں گے لیکن تم ہر گز نہ ہٹنا اور یہ کہتے ہو ئے آگے بڑھتے جانا کہ ’’خدا کے فضل اور رحم کے ساتھ‘‘۔ چنانچہ جس وقت ہم چلے ہیں تو انہوں نے روک ڈالنی شروع کر دی ہے مگر نظر نہیں آتے ۔جب ہم نے کہا کہ ’’خدا کے فضل اور رحم کے ساتھ ‘‘ تو وہ بھاگ گئے اور ہمارے راستہ سے روک ہٹ گئی ۔ اس رئویا کے بعد جب میں شملہ سے آیا تو اس ٹریکٹ کے ذریعہ حملہ ہو ا اور حملہ کر نے والے پو شیدہ رہے۔اِس کے جواب میں جو ٹریکٹ لکھا گیا اُس کے ٹائٹل پر یہی الفاظ لکھوائے گئے کہ خدا کے فضل اور رحم کے ساتھ شائع ہوتا ہے۔
تو خدا تعالیٰ خود دعا ئیں سکھا دیتا ہے مگر اُسی وقت جبکہ انسان مضطر ہو کر اُس کے آستانہ پر گر جائے۔ اللہ تعالیٰ ہما ری جماعت کو اِس بات کی توفیق دے تا یہ ایک ہی ہتھیا ر جو ہمارے لئے مخصو ص کیا گیا ہے اِسے استعمال کر سکیں اور ہمارے راستہ میں جو مشکلات ہیں وہ دُور ہوں اور ہمارے سپرد جو خدمت کی گئی ہے اُس کو پوراکر سکیں۔‘‘آمین
(الفضل ۴؍جو لائی۱۹۱۶ئ)
۱؎ حقیقۃ الوحی صفحہ ۱۸۱،۱۸۲۔ جدید ایڈیشن
۲؎ مسلم کتاب الفتن باب ذکر الدجال
۳؎ الصف: ۱۰ ۴؎ النمل:۶۳
۵؎ تذکرہ صفحہ ۲۶ ۔ایڈیشن چہارم
۲۰
مبلغین سلسلہ کی دعائوں سے مدد کرو
(فرمو دہ ۲۳؍جون۱۹۱۶ئ)
تشہد ، تعوذ اور سورۃ فا تحہ کے بعدحضور نے مندرجہ ذیل آیت کی تلاوت کی:۔
۱؎
اورفرمایا:۔
’’میں اِس وقت جس مضمون کے متعلق کچھ بیا ن کرنا چاہتا ہوں وہ ہے تو بہت لمبا بلحاظ اِس زمانہ کی ضروریات کے کیو نکہ اِس زمانہ میں جب تک کسی بات کو کھول کر مشرح اور مفصل نہ بیان کیا جائے لوگ کم سمجھتے ہیں ورنہ صحابہ ؓ کے زمانہ میں بہت لمبی لمبی باتیں نہا یت مختصر فقرات اور جملات میں بیان کر دی جا تی تھیں اور سامعین اُسی کو کافی خیال کرتے تھے۔ غرض یہ مضمون تو اس قابل ہے کہ اس کی خوب تشریح کی جا ئے لیکن چونکہ چار پا نچ روز سے مجھے بخار آتا ہے اور ڈاکٹر صا حب نے بولنے کے متعلق فرمایا ہے کہ مضر ہے اس لئے میں اس کو مختصراً بیان کرتاہوں آگے ہر شخص اپنے اپنے فہم اور سمجھ کے مطابق سوچ لے۔
اِس وقت ہمارے کچھ مبلغ بیرو نجات میں کام کر رہے ہیں ایک انگلستان میں ہے، ایک ماریشس میں، ایک پورٹ بلیئرمیں ہے، ایک بنگال میں۔ اِسی طرح پنجاب کے مختلف علاقوں میں ہیں ۔مدد، تائید اور نصرت کے تو سب ہی محتاج ہیں کیونکہ تمام انسانی کاموں کو اللہ تعالیٰ نے کچھ اس قسم کا بنا یا ہے کہ وہ ایک دوسرے کے سہا رے اور تعاون سے چلتے ہیں مگر ان میں سے جو بیرونی مما لک میں مبلغ ہیں وہ مدد کے زیادہ محتاج ہیں ۔محتاج ہی نہیں بلکہ زیا دہ مستحق ہیں اس بات کے کہ ہماری جما عت کے تمام لوگ اُن کی مدد کریں۔ پھر ان میں سے بھی مدد کے زیادہ مستحق وہ ہیںجن کی تبلیغ ایسے لوگوں میں ہے جو نسلاً بعد نسل اسلا م کے دشمن چلے آرہے ہیں اور جو ایسی روایتوں میں پلے ہیں جن میں اسلام کو نظر حقارت سے دیکھا گیا اور کمزور ترین بیان کیا گیا ہے۔
درحققیت تبلیغ کا کام کسی خاص شخص کا کام نہیں بلکہ ہر ایک احمدی کا فرض ہے پس نا دان ہے اور اپنے فرائض کو نہ سمجھنے والا ہے وہ انسا ن جو یہ خیال کرے کہ فلاں شخص جو تبلیغ کا کام کرتا ہے اپنا کام کر رہا ہے ۔کیو نکہ درحقیقت وہ ایک ایجنٹ ہے جس طرح تاجر کمپنیاں مختلف جگہوں میں اپنے ایجنٹ مقررکرتی ہیں اور ایسا نہیں ہوتا کہ ہر جگہ ما لکان کمپنی جا ئیں اِسی طرح ہما رے مبلغ ہما ری تمام جما عت کے ایجنٹ ہیں ۔کیو نکہ سب کی سب جما عت ہر جگہ جا نہیں سکتی اس لئے یہی ہو گاکہ ساری جماعت کے کچھ قائم مقام ہوں جو مختلف جگہوں میں کام کریں۔ جب صورت حال یہ ہے تو آسانی سے یہ بات سمجھ میںآسکتی ہے کہ ان قائم مقاموں کی کامیابی تمام جما عت کی کامیابی ہے اور ان کی ناکامی تمام جماعت کی نا کامی ہے ۔اگر کسی ملک کی فوج کسی جگہ لڑ رہی ہو تو ملک کے تمام لوگوں پر اُس کی مدد کرنا فرض ہے۔ اِس میں شک نہیںکہ وہ سپاہی جو بندوق اُٹھا ئے مقابلہ کر رہا ہے، اپنی قوتِ بازو دِکھلا رہا ہے لیکن وہ اپنے ملک کے سب لوگوں کا قائمقام ہو کر کھڑا ہے اس لئے اگر وہ گرتا ہے تو اس کا ساراملک گرجا تا ہے اور اگر اسے کامیابی اور فتح حاصل ہوتی ہے تو اُس کا سارا ملک فا تح کہلاتاہے ۔یہی وجہ ہے کہ وہ قومیں جو سمجھدار ہیں اپنے ہر ایک سپاہی کی قربانی کو اپنی قربانی سمجھ کر اُس کے لئے ہر ایک قربانی کرنے کے لئے تیار ہو جاتی ہیں۔مگر وہ ملک کبھی کامیاب نہیں ہو سکتا جس کے سپاہی دشمن سے لڑنے کے لئے جائیں اور دوسرے لوگ کہیں کہ وہ اپنا فرض ادا کرنے کے لئے گئے ہیں ہمیں ضرورت نہیں کہ ان کی مدد کریں یا کسی طریق سے لڑائی میں حصہ لیں کیو نکہ جب تک ہر فرد کی طاقت ترازوئوں کے پلڑا میں نہ ڈال دی جائے اُس وقت تک مقابل کے پلڑا سے بھا ری نہیں ہو سکتا۔ پس مبلغین کاکام ان کانہیں بلکہ ہم میں سے ہر ایک کا ہے ۔خواہ وہ مرد ہے یا عورت ، خواہ وہ بڑا ہے یا چھوٹا۔یہی وجہ ہے کہ ان کی کامیابی یا نا کامی کا اثر تمام جماعت پر پڑتاہے اس لئے ان کی مدد کرنا درحقیقت آپ اپنی مددکرنا ہے۔ پس ہماری جماعت کے تمام لوگوں کو چاہئے کہ ہر رنگ اور ہر ذریعہ سے جو خدا دے مبلغین کی مدد کریں ۔کیونکہ ان کو مدد دینا ان کے لئے نہیں بلکہ اپنے لئے ہے اور اپنے بھی جسم کیلئے نہیںبلکہ روح کیلئے جو جسم سے بہت زیادہ قیمتی ہے۔
مبلغین کو مدد دینے کے ذرائع تو بہت سے ہیں ۔ مثلاًمال سے مدد کرنا ایک ذریعہ ہے ،ان کو مفید اور فائدہ مند نصائح کرنا دوسرا ذریعہ ہے، ان کے تبلیغی کام کے متعلق مفید مشورے دینا تیسرا ذریعہ ہے،ان کا ہا تھ بٹا نے کے لئے ایسے مضامین لکھنا جو اپنے اندر روحانیت رکھتے اور اسلام کی صداقت پر دال ہوں چوتھا ذریعہ ہے۔ پھر کثرت سے ٹریکٹ چھپوا کر ان کے پاس بھیجناکہ وہ تقسیم کر سکیں پا نچواںذریعہ ہے۔غرض انکی مدد کرنے کے بہت سے ذرائع ہیںلیکن ان سب سے زیادہ زور دار اورمفید و بابرکت ذریعہ جو ہے وہ دعا کا ذریعہ ہے۔ اس ذریعہ سے جس قدر مددکی جا سکتی ہے اور کسی طریق سے نہیں ہو سکتی ۔لا کھوں لا کھ ٹریکٹ چھپواکر ان کو بھیجے جائیں، کرڑوں کروڑروپیہ ان کے لئے خرچ کیا جائے، بے انتہاء مفید سے مفید مشورے اور اعلیٰ سے اعلیٰ نصیحتیں انہیں کی جائیں ،ان کے دل کومطمئن اور بافراغت رکھنے کے لئے ان کے بال بچوں کی خبر گیری میں کو ئی دقیقہ فرو گذاشت نہ کیا جائے مگر ان سب سے بڑھ کر دعا مدد دے سکتی ہے کیونکہ یہ سب ذرائع ہوتے ہوئے انسان ناکام ہو جا تاہے مگر دعاکی مدد جس کے ساتھ ہو وہ کبھی ناکام نہیں ہو تا۔دنیا میں دوسری قومیں مال کے لحاظ سے ہم سے بہت زیادہ دولت مند ہیں مگر باوجود اس کے وہ مذاہب کے میدان میں ہما رے مقابلہ میں کامیاب نہیں ہو سکتیں۔ اگر عوام کی نگاہ میں ان کی کچھ کامیابی ہے تو یہ کوئی کامیابی نہیں کیونکہ ان کے ذمہ دار اور حقیقت شناس لوگ اِس بات کو تسلیم کر رہے ہیں کہ ہما را قدم پیچھے پڑ رہا ہے نہ کہ آگے ۔ اِسی طرح مشورہ دینے اور مفید باتیں بتانے والے بھی غیر اقوام میں بڑے بڑ ے عالی دماغ ہیں، مبلغین کے آرام و آسائش کا خیال رکھنے والے بھی وہ ہم سے زیادہ ہیں، ٹریکٹ بھی لاکھوں کروڑوں کی تعداد میں شائع کرتے ہیںغرض یہ سب اشیاء دیگر اقوام کے پاس ہم سے بہت زیادہ ہیں اگر کچھ نہیں ہے تو دعا کا ہتھیار نہیں ہے اور مقابلہ کے وقت ہمیشہ انہی سامانوں اور ذرائع سے کامیابی ہوا کرتی ہے جو دشمن کے پاس کم ہوں یا بالکل نہ ہوں ۔ ان سامانوں کے ذریعہ غلبہ نہیں ہو ا کرتاجو دشمن کے پا س زیادہ ہوں۔مثلاً ایک قوم جس کے پاس کروڑروپیہ ہے وہ کہے کہ ہم اپنے دشمن پر جس کے پاس تیس کروڑ روپیہ ہے مالی رنگ میں فتح حاصل کر لیں گے تو یہ بالکل غلط بات ہے کیو نکہ پیشتر اِس کے کہ اس کے دشمن کا روپیہ ختم ہو اس کا اپنا ختم ہو جائے گا اس لئے اس کے لئے کا میابی حاصل کرنے کے لئے یہ ذریعہ نہیں ہو سکتا۔ اس مو جودہ جنگ میں متحدہ سلطنتوں کے مدبر اس بات پر غورو فکر کرتے رہتے ہیں کہ جرمن پر جلد تر فتح پا نے کا کونسا ذریعہ ہو سکتا ہے اس کے لئے وہ ہر ایک قسم کے سامانو ں کو دیکھتے ہیں اور پھر اس بات کا اندازہ لگاتے ہیں کہ کو نسی چیز جرمن کے پاس کم ہے تا اس کے ذریعہ اس پر فتح حاصل کی جائے۔ تو کسی دشمن پر فتح پانے کے لئے وہ ذریعہ نہا یت کا رآمد ،مفید اور جلد فیصلہ کرنے والا ہو تاہے جو دشمن کے پاس نہ ہو یا کم ہو۔ پس اِس وقت ہمارے پاس دعا ہی ایک ایساذریعہ ہے جو ہمارے مخالفین کے پاس نہیں اس لیے اس کے ذریعہ ہم ان پر کامیابی حاصل کر سکتے ہیں ۔
اِس وقت جو آیت میں نے پڑھی ہے اس میں نہا یت لطیف پیرایہ میں خدا تعالیٰ نے یہ بتایا ہے کہ دعا ان سب ذرائع سے جن سے کامیا بی حاصل ہو اکرتی ہے بڑھ کر ہے۔ اِس آیت میں ایک لفظ خدا تعالیٰ نے ایسا رکھا ہے جس نے دعاکی ایسی تشریح کر دی ہے جس سے پتہ لگ جاتاہے کہ اس کے مقابلہ میں اور کوئی چیز نہیں ٹھہر سکتی ۔ اللہ تعالیٰ فرما تاہے اے رسول! (محمدصلی اللہ علیہ وسلم) جب تجھ سے میرے بندے میرے متعلق سوال کریں تو کہہ دے میں قریب ہوں۔ یہ آیت سورہ بقرہ میں آئی ہے اور وہ مدنی ہے۔ اس سے معلوم ہوتاہے کہ اس آیت کے نازل ہونے کا وہ وقت تھا کہ صحابہ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم سے خداتعالیٰ کے متعلق سوال کرسکتے تھے حالانکہ سورہ ق میں جو کہ مکی ہے خداتعالیٰ فرما چکا ہے۔۔ ۲؎ اِس آیت میں قَرِیْبٌ نہیںبلکہ اَقْرَبُ کا لفظ موجود ہے ۔ پس مکی سورۃمیں خداتعالیٰ نے اپنے آپ کو اَقْرَبُ فرما دیا ہے تو پھر مدنی میں یہ فرمانے کی کیا ضرورت تھی کہ جب میرے بندے میرے متعلق تجھ سے سوال کریں تو یہ جواب دو کہ میں قریب ہوں کیونکہ جب مکی آیت کے ذریعہ انہیں معلوم ہو چکا تھا کہ خداتعالیٰ بہت ہی قریب ہے تو پھر یہ سوال ہی کوئی نہیں کر سکتا تھااس لئے اس آیت کے بیان کرنے کی ضرورت ہی نہیں تھی ۔اور اگر کوئی سوال کرتا بھی تو آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم یہ بتا سکتے تھے کہ خدا تعالیٰ فرماتا ہے لیکن قرآن کریم خدا تعالیٰ کا کلام ہے اور خدا کاکلام بِلا ضرورت یا بے جا نہیں ہو ا کرتااس لئے معلوم ہو ا کہ یہاں خدا تعالیٰ کا سوال بیان کرنا اور پھر اس کا جواب بھی دینا کوئی اور حکمت رکھتا ہے۔ اور یہاں جو قریب کا لفظ آیا ہے اس کا مطلب وہ قرب اور بعد نہیں جو عام طور پر سمجھا جا تا ہے کیو نکہ اس کے متعلق تو اللہ تعالیٰ فرما چکا ہے کہ ۔ اگر یہاں بھی یہی مراد ہو تی تو پھر یہ کیوں فرما تا کہ جب لوگ تجھ سے میرے متعلق سوال کریں تو یہ جواب دیجئیو ۔گویا پہلے یہ جواب نہیں بتایا گیا تھا اور اب بتایا ہے تو معلوم ہو ا کہ یہاں سوال ہی کوئی اور ہے اوراس کے جواب میں جو قریب کہا گیا ہے وہ بھی کوئی اور معنی رکھتا ہے۔
یہ بات یاد رکھنی چا ہئے کہ اِن دونوں آیتوں میں خدا تعالیٰ نے ایک عجیب فرق رکھا ہے اور وہ یہ کہ قرب اور بعد ہمیشہ نسبت کے ساتھ ہوتے ہیں ۔ایک چیز ہمارے قریب ہے مگر وہی دوسرے کے بعید ہے۔ مثلاً یہ بچہ جو اِس وقت منبر کے پاس بیٹھا ہے یہ مجھ سے قریب ہے لیکن جو شخص آخری سرے پر بیٹھا ہے اُس کے بعید ہے اور جو اُس کے قریب بیٹھا ہے وہ مجھ سے بعید ہے ۔تو قریب اور بعید نسبت سے ہوتاہے۔ جب ایک چیز کوقریب کہتے ہیں تو ایک نسبت سے کہتے ہیں دوسری نسبت سے وہی چیز بعید ترین ہو سکتی ہے تو سو رہ ق میں خدا تعالیٰ نے فرمایاہے کہ ہم نے ہی انسان کو پیدا کیا ہے اور ہم ہی اس کے متعلق یہا ں تک جا نتے ہیں کہ اس کے دل میں جو کچھ وسوسہ ہو تا ہے اس کو بھی جا نتے ہیں اور ہم ہی اس کے رگ و جان سے بھی قریب تر ہیں۔ اِس میں کی نسبت سے فرمایا ہے لیکن میں قریب کا لفظ کسی نسبت سے نہیں فرمایا بلکہ بِلانسبت فرمایا ہے اور کوئی حد بندی نہیں کی اِس میں ایک لطیف بات ہے اور وہ یہ کہ انسان جو اپنی حاجت خدا تعالیٰ کے حضور بیان کرتا ہے وہ مختلف اوقات میں مختلف اشیاء کے متعلق ہوتی ہے کبھی تو وہ انسانوں کے متعلق ہوتی ہے کبھی حیوان کے متعلق ،کبھی جا ندارو ں کے متعلق ہوتی ہے کبھی بے جا نوں کے متعلق، کبھی خدا کے متعلق ہوتی ہے کبھی ملائکہ کے متعلق، کبھی اس دنیا کے متعلق ہوتی ہے کبھی اگلے جہان کے متعلق ،کبھی اِس زمین پر رہنے والی چیزوں کے متعلق ہوتی ہے کبھی آسمان کی چیزوں کے متعلق۔ غرض انسان کی مختلف احتیاجیں ہیں اور ایسی وسیع ہیں کہ جن کی کو ئی حد بندی نہیں ہو سکتی لیکن انسان کی فطرت میں یہ بات داخل ہے کہ جب کسی چیز کی اسے طلب ہوتی ہے تواُس کے حاصل کرنے کے متعلق کوئی ایسا ذریعہ تلاش کرتاہے جو قریب ہو ۔
قریب کی کئی قسمیں ہیں۔ایک یہ بھی قریب ہے کہ کوئی ذریعہ جلدی میسر آجائے۔ مثلاً ایک شخص سفر پر جانا چاہتا ہے اُسے یکہ یا گھو ڑا تلاش کرنا ہے ہو سکتا ہے کہ کوئی یکہ یا گھوڑا اس کے مکان کے قریب ہو اور کوئی دُور ۔ مگر جب قریب یا دُور کا یکہ یا گھوڑا آپس میں یکساں ہوںگے یعنی ایک ایسے وقت پر اور ایک ہی ایسے آرام سے پہنچاتے ہو ں گے تو وہ یہ نہیں کرے گا کہ اپنے مکان کے قریب والے کو نہ لے اور بعید والے کو لے لے بلکہ وہ قریب والے کو لے گااور بعید والے کو چھوڑ دے گا۔ تو ہر ایک انسان اپنا مدعا حاصل کرنے کے لئے جو ذریعہ قریب دیکھتا ہے اُس کو لیتاہے اور بعید کو چھوڑ دیتاہے۔ اِس کے علاوہ قریب ایک اَور رنگ میں بھی ہو تا ہے یعنی وہ ذریعہ جو اپنے مدعا اور منزلِ مقصود کے قریب تر پہنچا دے۔ مثلاًکسی شخص نے ایک جگہ جا نا ہے اسے ایک ایسی سواری ملتی ہے جو اسے منزلِ مقصود سے ایک میل ورے چھو ڑ دیتی ہے، دوسری آدھ میل ، تیسری ایک چو تھا ئی میل اور ایک عین جگہ پر پہنچا دیتی ہے تو وہ ان میں سے اُسی کو اختیار کرے گا جو سب سے قریب پہنچانے والی ہو دوسریوں کو چھوڑ دے گا۔غرض بہت سے قرب ہیں جن کا کسی چیز میں پا یا جانا انسان دیکھتا ہے اور جب وہ سارے قرب کسی میں پا لیتا ہے تو اس کو اپنے مدعا کے حصول کے لئے لے لیتا ہے۔ اللہ تعالیٰ نے یہاں فرمایا ہے۔ کہ انسان اپنے مختلف مدعائوں کے لئے کوشش کرتا ہے اور ان کے لئے دیکھتا ہے کہ کو نسا ذریعہ اختیا ر کروں جس سے جلدکامیاب ہو جائوں گا۔مثلاً تبلیغ کا کام ہے اس کے متعلق انسان سو چتاہے کہ ٹر یکٹ تقسیم کروں یا لیکچر دوں یا خدا سے دعا کروں کہ وہ لو گوں کے دلوں کو کھو ل دے ۔خدا تعالیٰ فرما تا ہے جب کوئی انسان ذرائع کو سوچتے سوچتے یہا ں تک پہنچے کہ میں دعا کروں تو اُس کو کہہ دو کہ اللہ قریب ہے۔ قَرِیْبٌ اِلَیْہِ نہیں فرما یا اس کے لئے خدا نہ صرف اس انسان کے قریب ہے بلکہ ہر ایک چیز کے قریب ہے اور مدعا حا صل کرنے کا سب سے قریب ذریعہ ہے۔یوں قریب ہو نا ایک اور بات ہے لیکن جس مقصد کو حا صل کرنا ہو اُس کے قریب کر دینا اَور بات ۔مثلاً ایک بچہ جو قریب بیٹھا ہو اسے ایک چیز دی جا ئے کہ فلاں کو دے دو۔جتنے عرصہ میں وہ چیز کو پہنچائے گا اُس سے بہت جلدی بڑا انسان جس کے ہا تھ اُس سے لمبے ہو ں گے باوجود اُس سے دُور بیٹھے ہونے کے پہنچادے گاکیونکہ وہ لڑکے کی نسبت ایک ایسا ذریعہ ہے جو اس چیز کو پہنچانے کے قریب ہے۔ توخدا تعالیٰ فرما تاہے کہ میں تمہا رے قریب ہوں اور وہ مقصد جو تم حاصل کرنا چاہتے ہو اُس کے بھی قریب ہو ں ۔مثلاًکسی نے ولایت میںتبلیغ کا کام کرنا ہے۔ خدا تعالیٰ ولایت کے بھی قریب ہے اور یہاں کے بھی جہا ں وہ شخص رہتاہے۔اس لئے وہ یہا ں سے بات کو سن کر وہا ں فوراً پہنچا سکتا ہے ۔تو اس آیت میں قربِ مکا ن کا ذکر نہیں بلکہ یہ کہ حصولِ مدعا کے لئے جتنے قربوں کی ضرورت ہے وہ سب خدامیں موجود ہیں ۔مثلاً ایک شخص ولایت میں محتاج ہے وہ وہا ں سے ہمیں مدد کے لئے لکھتا ہے کہ میری مدد کرو ۔ اگر ہم اُس کو روپیہ بھیجیں تو پندرہ بیس دن کے بعد اُسے ملے گا لیکن اگر دعاکریں تو ممکن ہے اِدھر ہمارے منہ سے اُس کے لئے دعانکلے اور اُدھر خداتعالیٰ اس کا کو ئی انتظام کردے تو خدا تعالیٰ فرماتاہے کہ میں قریب ہوں اگر کو ئی مدعا حاصل کرنا چاہتے ہوتو مجھ سے کہو۔دیکھو ایک مالدار شخص کو بھی جب مال کی ضرورت ہو گی تو وہ کچھ دیر کے بعد صندوق سے نکا لے گا یا بنک سے ڈرا کرائے گا ۔ایک بیمار ڈاکٹر کے پا س جائے گا ممکن ہے کہ ڈاکٹر موجو د ہی نہ ہو اور اگر ہو تو اسے جواب مل جائے کہ ڈاکٹر صاحب سوئے ہو ئے ہیںلیکن خدا تعالیٰ کے حضور حاضر ہونے کے لئے نہ ہاتھ کی ضرورت اور نہ پا ئوں کی ،دل ہی دل میں حاضر ہو سکتاہے کیو نکہ خداتعالیٰ فرماتاہے کہ میں قریب ہوں ۔پھر انسان کے قریب ہی نہیں بلکہ جس مدعا اور مقصد کو حاصل کرنا ہو اُس کے بھی قریب ہوں۔ادھر انسان یہ کہتاہے کہ الٰہی! مجھے فلاں چیز مل جائے وہ چیز لاکھوں کروڑوں میل کے فاصلہ پر ہو خدا تعالیٰ اُس پر اُسی وقت قبضہ کر لیتاہے کہ یہ ہمارے فلاں بندے کے لئے ہے کیو نکہ جس طرح خدابندے کے قریب ہے اُسی طرح اُس چیز کے بھی قریب ہے۔ تو کامیابی کے لئے یہ ذریعہ سب سے بڑا اور سب سے زیادہ مفید ہے۔ خدا تعالیٰ فرما تاہے۔میں تمہارے قریب ہوں اور بہت جلد حاصل ہو جانے والا ہوں۔دوسرے ذرائع کے لئے تمہیں بہت کچھ کرنا پڑے گا اور پھر بھی یقینی بات نہیں کہ ان سے کامیا ب ہو جائو لیکن میرے حاصل کرنے کے لئے صرف توجہ اور اخلاص کی ضرورت ہے جب کوئی میرا بندہ اس طریق سے دعا کرتا ہے تو میں اُس کی دعاقبول کرلیتاہوں ۔
قبول کرنے کے دو طریق ہیں ۔ایک یہ کہ بات مان لی ۔مثلاً یہ کہ ہم نے دعا کی کہ اے خدا !فلاں کی مدد کر ۔اِس کو خدانے سن لیا نہ یہ کہ اُس کی مدد بھی کر دی لیکن خداتعالیٰ فرماتا ہے جومجھے پکارتا ہے میں اس کی پکار قبول کرتاہوں یعنی اِدھر عرض سنتا ہوں اُدھر اُسے پوراکردیتاہوں ۔پس چاہئے کہ وہ میرے احکام کو مانیں اور میری آوازکو سنیں کیونکہ جب میں ہی ایک ذریعہ ہوں تو مجھ پر ہی ایمان لائیں تاکہ اپنے مدعا میں کامیاب ہوں۔کامیابی حاصل کرنے کے لئے خداتعالیٰ نے یہی سب سے بڑا گر بتایاہے اِس لئے ہماری جماعت کو چاہئے کہ کثرت سے دعائوں کے ساتھ ان مبلغوں کی امداد کرے جو ہمارے لئے اِس قدر مصائب اٹھا رہے ہیں لیکن اس لحاظ سے کہ ہمارے فرض کو وہ ادا کر رہے ہیں، ہما رے لئے ہی تکا لیف برداشت کر رہے ہیں، وہ اپنے بیوی بچوں سے ،مال و جائداد سے ،ملک و وطن سے دُور بیٹھے ہیں مگر تم قریب ہو۔ وہ سب دنیاوی تعلقات کو خدا کے لئے توڑ کر تبلیغ کے لئے گئے ہو ئے ہیں مگر تمہا رے سارے تعلقات وابستہ ہیں۔ تمہیں سمجھنا چاہئے کہ جس طرح اُنہوں نے تمہارے لئے قربانی کی ہے اُسی طرح اُن کا بھی حق ہے کہ تم ان کے لئے قربانی کرو۔ پس تم لو گ جہاں اَور طریق سے ان کی مدد کرو وہاں دعائوں سے بھی ضرور ان کی تائید کرو اور یقین رکھو کہ یہی ایک ذریعہ ہے جس سے تم جلد سے جلد کامیاب ہو سکتے ہو کیو نکہ خدا تعالیٰ فرماتاہے کہ میں تمہا رے بھی قریب ہوں اور تمہا رے مدعا اور مقصد کے بھی قریب ۔جیسے تار برقی ہے ایک جگہ ٹک ٹک ہوتی ہے تو سینکڑوں میلوں پر فوراً خبر پہنچ جا تی ہے۔ خدا تعالیٰ کے مقابلہ میں توتا ر کوئی حیثیت ہی نہیں رکھتی لیکن اس سے میں نے یہ بتایا ہے کہ یہ تار کا قرب جب اِس قدر مفید اور فائدہ رساں ہے تو خدا تعالیٰ جس کا قرب اِس سے بہت ہی زیادہ ہے وہ کس قدر مفید ہو گا اس کا تو کوئی اندازہ ہی نہیں لگا سکتا ۔وہ اِدھر سنتا اور اُدھر قبول کر لیتا ہے خواہ کتنے ہی فاصلے پر وہ مدعا ہو ۔
غرض ایسا آسان اور سہل اور کوئی کامیا بی کا طریق نہیں ہے اس لئے ہماری تمام جماعت کو چاہئے کہ ان لوگوں کے لئے جو اپنے بال بچوں، مال اور اموال، خویش و اقارب کو چھوڑ کر ایسے کام کی خاطر دُور دراز ملکوں میں گئے ہو ئے ہیں جس کا کرنا ہمارا بھی فرض ہے اور پھر ایسے لوگوں میں گئے ہیں جن کے اخلاص اور عادات سے واقف نہیں ،ان مشکلات کے ہو تے ہوئے وہ کام کر رہے ہیں بہت دعائیں کی جائیں ۔اللہ تعالیٰ ہماری جماعت میں اِس بات کے احساس کو پیدا کرے تا علاوہ اَور رنگ کی مدد کرنے کے دعا سے بھی ان کی مدد کریں جو محض اللہ کی خاطر اپنے ملک سے بے ملک ،اپنے وطن سے بے وطن ہوئے ہیں ۔خداتعالیٰ ان کی زبانوں میں برکت دے ،دلوں میں ایمان مضبوط کرے اوراعمال میں تقویٰ اور سداد پیداکرے ۔ان کی باتیں سننے والے ان سے مسرور ہوں اور انہیں عظمت کی نگاہ سے دیکھیں ۔دشمن کی نظروں میں وہ ذلیل نہ ہوں اوران کی نظرمیں کوئی بڑے سے بڑا دشمن ایسانہ آئے جس سے وہ مرعوب ہوجائیں ۔‘‘آمین (الفضل ۸؍جولائی۱۹۱۶ئ)
۱؎ البقرہ: ۱۸۷ ۲؎ ق: ۱۷
۲۱
دعائو ں کے قبول ہو نے کے وقت سے فا ئدہ اُٹھا ئو
(فرمودہ ۷؍جولائی۱۹۱۶ء )
تشہد،تعوذ اور سورئہ فاتحہ کے بعد حضور نے مندرجہ ذیل آیت کی تلاوت کی:۔
۱؎
اور فرمایا:۔
’’ہر ایک کام کا ایک وقت ہو تا ہے اُس وقت جس خوبی اور عمدگی سے وہ کام ہو سکتاہے دوسرے وقت میں اُس خوبی اور عمدگی سے نہیں ہو سکتا اور یہ بات چھوٹے چھوٹے کاموں سے لے کر بڑے بڑے کاموں میں یکساں طور پر پائی جاتی ہے۔ہر ایک کام اپنے خاص وقت کے ساتھ وابستہ ہو تاہے اُس وقت میں اگر کیا جائے تو جیسے اعلیٰ درجہ کے نتائج اس سے مترتب ہوتے ہیں دوسرے وقت میں ویسے نہیں ہو سکتے ۔اور بعض کام تو اس قسم کے ہیں اگر انہیں مقررہ وقت پر نہ کیا جائے تو دوسرے وقت میں ہوتے ہی نہیں ۔ہر شخص اپنے کاموں میں اِس بات کو دیکھ لے کہ جس رنگ میں وہ کام کرتاہے یا جو وہ کام کرتاہے اُس میں اگر غور کرے گاتو اسے معلوم ہو جائے گا کہ یہ اصل ہر ایک کام میں جا ری ہے ۔ایک زمینداراپنے زمیندارے پر غورکرسکتاہے وہ مختلف کھیتیاں، غلے اور ترکاریاں بوتاہے مگر یہ نہیں ہو تاکہ تمام سال میں جس وقت وہ بیج ڈالے اُسی وقت وہ کھیتی تیار ہو جائے۔گیہوںکے بونے کے لئے ایک وقت مقرر ہے اگر اُس وقت وہ نہیں بوتا تو کھیتی نہیں ہوسکتی۔ مقررہ وقت پر اگر ادنیٰ بیج ڈالے تو بھی اچھے دانے حاصل کر لیتا ہے مگر بے وقت اعلیٰ درجہ کا بیج ڈالے تو بھی کچھ نہیں ہو گا ۔پھر بعض کھیتیاں تو ایسی ہیں کہ اگر انہیں وقت مقررہ پر بویا جائے تو اعلیٰ درجہ کی ہوتی ہیں اور اگر دوسرے وقت پر بویا جائے توہو تو جاتی ہیں مگر ادنیٰ درجہ کی ہو تی ہیں۔اور بعض ایسی ہیں اگر انہیں بے وقت بو یا جائے تو سبزہ تو ہو جا تاہے مگر پھل کو ئی نہیں آتا یعنی نتیجہ کچھ نہیں نکلتا ہا ں اگر اپنے وقت پر انہیں بویا جائے تو ان سے بہت فائدہ حاصل ہو سکتا ہے ۔یہی بات تمام پیشوں میں چلتی ہے ۔یعنی ہر کام کے لئے ایک وقت مقرر ہے ۔لو ہا ر لوہے کو تپاتاہے اس کے تپنے کا بھی ایک وقت ہوتا ہے۔ اُس وقت کی ضرب جیسی کارآمد اورمفید ہوتی ہے ایسی آگے پیچھے کی نہیں ہوتی۔ اگر زیادہ گرم ہو نے پر ضرب پڑے تو بھی خراب کر دیتی ہے اور اگر تھوڑے گرم پر پڑے تو بھی۔ لوہار خوب سمجھتاہے کہ مجھے کس وقت ضرب لگانی چاہئے تمام کاموں کا یہی حال ہے ۔
دیکھو اب جو لڑائی ہو رہی ہے اس کے متعلق اخباریں پڑھنے والے خوب جانتے ہیں کہ سلطنتوں کے ذمہ دار اشخاص یہی کہتے ہیں کہ ہم اُ س وقت کا انتظار کررہے ہیں جبکہ دشمن کو بالکل کچل دیں ۔یوں تو ہر روز ہی لڑائی ہو تی ہے مگر اس کے خاص خاص وقت بھی مقرر ہو تے ہیں اُس وقت کی ضرب لگی ہوئی دشمن کو ہلاک کر دیتی ہے۔یہی وجہ ہے کہ اعلیٰ درجہ کا جرنیل وہی سمجھا جاتا ہے جو ایسے وقت کو معلوم کر سکے ۔
میں نے ہر ایک کام کے لئے جو وقت مقررہ بتایا ہے وہ کو ئی جا دو یا ٹونے کی طرح نہیں ہو تا کہ اس کے آنے سے کوئی خاص اثر پیدا ہو جا تاہے اس لئے وہ کام ہو جاتاہے بلکہ میری اِس سے یہ مراد ہے کہ جس وقت کسی کامیابی کے تمام سامان مہیاہو جاتے ہیں وہی اُس کے کرنے کا وقت ہو تاہے۔اگر گیہوں کا دانہ ایک خاص وقت میں بونے سے اُگتاہے تو اس کا یہ مطلب نہیں ہے کہ اُس وقت اُس میں کوئی خاص بات پیدا ہو جاتی ہے بلکہ یہ کہ گیہوں کے اُگنے کے لئے جو سامان ضروری ہو تے ہیں وہ اُس وقت مہیا ہو جا تے ہیں اگر وہی سامان کسی دوسرے وقت مہیا ہو سکیں تو اُس وقت بھی ضرور اُگ آئے۔ تو ضروری سامانوں کے مہیا ہو نے کا نام وقت مقررہ ہوتاہے ۔ مثلاً انسان کا معدہ ہے رات بھر آرام پا تاہے صبح کے وقت تمام اعصاب امن اور سکون میں ہو تے ہیں ،پہلی غذا ہضم ہو چکی ہو تی ہے اور وہ وقت ایسا ہو تا ہے جبکہ معدہ چاہتاہے کہ اُس میں غذ ا ڈالی جائے اور اعصاب اِس بات کے منتظر ہو تے ہیں کہ خوراک کو استعمال کر کے طاقت حا صل کریں اِس لئے دانا لوگوں نے یہ مثل بنائی ہے:۔
یک لقمہ صباحی
بہترز مرغ و ماہی
صبح کے وقت ایک لقمہ کھا نا دوسرے اوقات میں مرغ اور مچھلی کھا نے سے بہتر ہے۔ کیوں؟ اس لئے کہ اُس وقت اُس لقمہ کو ہضم کرنے کے جیسے ذرائع مو جو د ہو تے ہیں کسی دوسرے وقت میں ویسے نہیں ہو تے۔ تو وقت مقررہ سے مراد سامانوں کا مہیا ہو نا ہو تاہے۔ جب کسی کام کے سب سامان مہیا ہو جاتے ہیں تو وہ اُس کا وقت مقررہ ہو تاہے اور اُس وقت اس کا کرنا بہترین نتائج پیدا کرنے کا موجب ہوتاہے۔
میں نے پچھلے دو جمعوں میں دعا کے متعلق کچھ بیان کیا تھا اور بتایا تھاکہ یہ کیسی ضروری ہے اور جو کام اِس سے نکل سکتے ہیں وہ اور کسی ذریعہ سے نہیں نکل سکتے ۔آج میں اِس بات کے متعلق کچھ بیا ن کروں گا کہ جس طرح دوسرے تمام کاموں کے لئے ایسے اوقات مقرر ہیں جن میں اُنہیں کرنے سے بڑے بڑے اعلیٰ ثمرات پیدا ہو تے ہیں اسی طرح دعاکے بھی اوقات مقرر ہیں۔ ان وقتوں میں کی ہو ئی دعا بھی بہت بڑے نتائج پیداکرتی ہے۔اور دوسرے اوقات میں اس سے دوگنی چوگنی دعا بھی وہ کام نہیں کرتی جو وقت مقررہ کی ایک سیکنڈ کی دعا کر جا تی ہے۔
آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایاہے اِتَّقُوْا دَعْوۃَ الْمَظْلُوْمِ ۔ ؎۲ مظلوم کی دعا سے ڈرو۔ کیوں؟ اس لئے کہ اُس کی دعا قبو ل ہونے کا وہ وقت ہوتاہے کیو نکہ جب وہ اپنے اوپر ہر طرف سے مصائب ہی مصائب دیکھتا اور خداکے سِواکوئی سہا رانہیں پا تا تو اُس کی تمام توجہ خدا ہی کی طرف پھر جا تی ہے اور وہ تمام و کمال خداہی کے آگے گر پڑتاہے ۔اُس وقت وہ جو دعا کرتاہے قبول ہو جا تی ہے کیو نکہ دعا کے قبو ل ہو نے کے سامانوں میں سے ایک اعلیٰ درجہ کا سامان یہ بھی ہے کہ انسان کی ساری توجہ ہر طرف سے ہٹ کر خداہی کی طرف ہو جائے چونکہ مظلوم کی یہی حالت ہو تی ہے اس لئے اس کے لئے یہ بھی ایک ایسا مو قع ہو تاہے جبکہ اس کی دعا تمام روکوں کو چیرتی ہوئی آسمان پر جا پہنچتی ہے ۔
اِسی طرح دعاکے قبول ہو نے کے اَور اوقات بھی ہیں لیکن وہ روحانی ہیںجن کا بیان کرنا کوئی آسان کام نہیں اور پھر ان کا سمجھانا بہت ہی مشکل ہے کیونکہ وہ ظاہری سامانوں کی حدبندی کے نیچے نہیں ہوتے بلکہ وہ انسانی قلوب کی خاص حا لتیں اورکیفیات ہیںجنہیں وہ انسان محسوس کر سکتاہے جس پر وہ حالت وارد ہو ۔گو خداتعالیٰ نے ان کے سمجھنے اور سمجھانے کے لئے بھی سامان مہیا فرمادئیے ہوئے ہیں مگر پھر بھی ان کا بہت کچھ تعلق ذوق سے ہے اس لئے ہر شخص کے لئے ان کو سمجھنا آسان نہیں ہے ۔
میں جب حضرت خلیفہ اوّل سے بخاری پڑھا کرتاتھاتو ایک رئویا دیکھا جس کا تعلق اِس بات سے تھا کہ ایک حدیث پڑھی جس میں آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم سے وحی کے متعلق پوچھاگیا کہ کس طرح ہو تی ہے ۔تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ مِثْلَ صِلْصِلَۃِ الْجَرَسِ۳؎ مجھے اس سے تعجب ہو ا کہ گھنٹے کی آواز سے وحی کو کیا تعلق ہے؟ رئویا میں میں نے ایک عجیب نظارہ دیکھا۔ میںنے دیکھا کہ میرا دل ایک کٹورے کی طرح ہے جیسے مراد آبادی کٹورے ہو تے ہیں اُس کو کسی نے ٹھکورا ہے جس سے ٹن ٹن کی آواز نکل رہی ہے اور جوں جوں آواز دھیمی ہوتی جا تی ہے ما دہ کی شکل میں منتقل ہو تی جا تی ہے۔ہو تے ہوتے اس سے ایک میدان بن گیا ہے اس میں سے مجھے ایک تصویر سی نظر آئی جو فرشتہ معلوم ہونے لگا ۔میں اُس میدان میں کھڑا ہو گیا۔اُس فرشتہ نے مجھے بلایا اور کہا کہ آگے آئو ۔جب میں اس کے پاس گیا تو اُس نے کہاکیا میں تم کو سورئہ فاتحہ کی تفسیر سکھا ئوں؟میں نے کہا سکھائو۔ اُس نے سکھا نی شروع کی ۔سکھا تے سکھاتے جب تک پہنچا تو کہنے لگا تمام مفسرین میں سے کسی نے اِس سے آگے کی تفسیر نہیں لکھی سا رے کے سارے یہاں آکر رہ گئے ہیں لیکن میں تمہیں اگلی تفسیر بھی سکھا تا ہوں، چنا نچہ اُس نے ساری سکھائی ۔جب میری آنکھ کھلی تو میں نے اِس بات پر غور کیا کہ اِس کا کیا مطلب ہے کہ تمام مفسرین نے تک کی تفسیر کی ہے آگے کی کسی نے نہیں کی ۔اِس کے متعلق میرے دل میں یہ تأویل ڈالی گئی کہ تک تو بندے کا کام ہے جو اس جگہ ختم ہو جاتاہے آگے سے خداکاکام شروع ہو جا تاہے ۔تو تمام مفسرین کے اس حصہ کی تفسیر نہ لکھنے کا مطلب یہ ہے کہ انسان اُس حصہ کی تفسیر توکر سکتا ہے جو انسانو ں کے متعلق ہے اور جن کاموں کو انسان کرتاہے اُن کو بیان کر سکتاہے مگر اُس حصہ کی تفسیر کرنا اُس کی طاقت سے باہر ہے جس کا کرنا خداتعالیٰ سے تعلق رکھتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے فرما یا ہے کہ سو رۃ فاتحہ کے دو حصے ہیں ۔ آدھی بندہ کے لئے اور آدھی خدا کے لئے۔ ۴؎ آدھی میں بندہ طالب اور خدا مطلوب۔ آدھی میں خدا طالب ہے اور بندہ مطلوب ۔ جس حصہ میں بندہ طالب ہے اور خدا مطلوب اُس کے متعلق وہ بتاسکتاہے اور دوسراحصہ جو خدا سے تعلق رکھتاہے اُس کے متعلق کچھ نہیں بتاسکتا اور اس حصہ کی کوئی کیفیت نہیں بیا ن کر سکتا۔اِسی سبب سے سید عبدالقادر جیلانی رحمۃ اللہ علیہ نے اپنی کتاب فتوح الغیب میں لکھا ہے کہ انسان کا قلبی تعلق جو خدا سے ہو تاہے اُس کی نسبت پیر اپنے مرید کا اور مرید اپنے پیر کا پتہ نہیں لگاسکتا کہ کس قدر ہے۔ ۵؎ تو سے وہ باریک کیفیات شروع ہو تی ہیں جن کو کوئی انسان بیان نہیں کر سکتا اِسی طرح دعاکے متعلق بعض ایسی باتیں ہیں جن کو انسان نہیں بتا سکتا ہاں جس پر وہ وارد ہو تی ہیںوہ انہیں خوب جانتاہے۔ لیکن بعض باتیں خدانے اپنے فضل اور کرم سے انعام کے طور پر لوگوںکو بتا بھی دی ہیں تاکہ وہ لوگ جو قلبی کیفیات سے واقف نہیں ہو تے وہ بھی ان پر عمل کرکے دعاکا مزہ چکھ لیں۔ چنا نچہ ان میں سے ایک مظلوم کی دعا ہو تی ہے۔
بہت لو گ ایسے ہو تے ہیں جو مصائب اور مشکلات کے وقت اپنے لئے یا دوسروں کے لئے بد دعا کر بیٹھتے ہیںاور وہ موقع جو خدانے ان کو دعا کے قبول کرانے کا دیا تھا کھو دیتے ہیںلیکن یہ بہت بڑی غلطی ہے ایسا نہیں کرنا چاہئے۔اُس وقت جب کوئی مظلوم ہو کسی قسم کی بددعانہ کرے بلکہ اپنے لئے دعاکرے کیونکہ خدانے اُسے دعا کرنے کے لئے بہت عمدہ موقع دیا ہے اور دعا کے قبول ہونے کا یہ ایک ایسا وقت ہے جسے ہر ایک شخص بخوبی سمجھ سکتاہے۔
اِسی طرح دعاکے قبول ہونے کا ایک اور وقت ہے جس کے معلوم کرنے کے لئے بھی باریک کیفیات سے واقف ہونے کی ضرورت نہیں اَور وہ وقت رمضان کا مہینہ ہے ۔یہ آیت جو میں نے پڑھی ہے اس کو خداتعالیٰ نے روزوں کے ساتھ بیان فرمایا ہے جس سے پتہ لگتاہے کہ اس کا روزوں سے ضرور بہت بڑا تعلق ہے۔اس کے روزوں کے ساتھ بیا ن کرنے کی وجہ یہی معلوم ہو تی ہے کہ جس طرح ایک مظلوم کی ساری توجہ محدود ہو کر ایک ہی طرف یعنی صرف خدا ہی کی طرف لگ جا تی ہے اِسی طرح ماہِ رمضان میں مسلمانوں کی توجہ خدا کی طرف ہو جا تی ہے اور قاعدہ ہے کہ جب کوئی بہت سی چیز محدود ہو جائے تو اس کا زور بہت بڑھ جا تاہے چنانچہ جہاں دریا کا پا ٹ تنگ ہو تاہے وہاں پا نی بڑے زور سے چلتاہے اور جہاں چوڑا ہو تاہے وہا ں ایسا زور نہیں ہوتا ۔کشمیر کے راستے میں جہلم کا دریا پڑتاہے ۔میں نے دیکھا ہے جہاں پہاڑوں سے تنگ ہو کر گزرتاہے وہا ں اگر اس میں بڑی بڑی لکڑیاں ڈال دی جائیں تو بھی اُن کو چورچور کردیتا ہے لیکن جب وہی دریا نیچے آکر چوڑا ہو جا تاہے تو لوگ اُس میں تیرتے اور کشتیاں چلاتے ہیں ۔تو جو چیز پھیلی ہوئی ہو اُس کا زور کم ہو تاہے اور جو محدود ہو اُسکا زیادہ۔ جب کسی انسان کی دعا ایسی حالت میں ہوتی ہے کہ اس کی نظر بہت سی طرفوں میں جا سکتی ہے یعنی کبھی وہ سمجھتاہے کہ فلاں اسباب سے کامیاب ہو جائوں گا کبھی فلاں سے ،کبھی کسی ذریعہ کو کامیابی کی راہ سمجھتاہے کبھی کسی کو ،ایسی حا لت میں اُس کی دعا ایک وسیع میدان میں سے گزرتی ہوئی جا تی ہے مگر جو شخص مظلوم ہو تاہے اُس کی دعا محدود ہو جاتی ہے۔
دعا، خواہش، آرزو اور التجا۔ ان چاروں چیزوں کا بڑا سمندر ہے جس میں پھیل کر انسان کی دعا کمزور ہو جا تی ہے مگر مظلوم کے لئے سارے دروازے بند ہوتے ہیں اور صرف خداہی کی طرف کا دروازہ کھلا ہو تاہے اِس لئے اُس کی دعامیں ایسا زور پیدا ہو جاتاہے کہ وہ ضرور قبول ہو جا تی ہے اور اس کے راستہ میں جو چیز روک بنتی ہے اُسے اُکھا ڑ کر دُور پھینک دیتی ہے تو ایک مظلوم کے لئے وہ سامان مہیا ہو جاتے ہیں جو دعاکے قبول ہو نے کے لئے ضروری ہوتے ہیں۔ اگر اُس وقت سے وہ فائدہ اُٹھائے تو اُس کے لیے بڑے نیک نتائج پیدا ہو جاتے ہیں۔ اِسی طرح رمضان کے مہینہ میں وہ اسباب پیدا ہو جا تے ہیں جو دعاکی قبولیت کا باعث ہوتے ہیںاور وہ یہ کہ اس مہینہ میں ایک جما عت کا اتحاد ہو جاتاہے۔ یوں تو دوسرے دنوں میں بھی مسلمانوں میں ایک ایسی جماعت ہوتی ہے جو راتوں کو عبادت کرتی ہے مگر اِس زمانہ میں لوگوں کا اکثر حصہ ایسا ہے جو تمام رات آرام سے پڑا سوتاہے لیکن رمضان کے مہینہ میں سحری کی خا طر سب کو اُٹھنا پڑتاہے اور جب کوئی اُٹھتا ہے تو سوائے اِس کے جو بہت ہی غا فل ہو ہر ایک کچھ نہ کچھ عبادت بھی کرتاہے کیو نکہ وہ سمجھتاہے کہ یہ جو مجھے وقت ملا ہے اِس سے فائدہ ہی اُٹھا لوں۔ تو جس طرح ایک چیز میں محدود ہو کر زور پیدا ہو جا تاہے اِسی طرح ایک جگہ ہر روز ہزاروں لاکھوں آدمیوں کی دعائیں پڑنے سے بھی بہت زور پیدا ہو جا تاہے۔ رمضان میں لاکھوں لاکھ انسانوں کی پے درپے دعائیں جب خدا کے حضور پہنچتی ہیں تو ضرور قبول ہو جا تی ہیں کیونکہ اللہ تعالیٰ اپنے بندوں کی دعائیں ردّ کرنے میں بڑا محتاط ہے ۔پس ایسی حالت میں اگر ظاہری سامان نہ بھی ہوں تو بھی خداتعالیٰ قبول کر لیتاہے ۔پھر ان دعاکرنے والوں میں سے بعض بندے ایسے بھی ہو تے ہیں جن کی دعائیں خداکے حضور قبول ہو نی ہو تی ہیں اور بعض کمزور بھی ہو تے ہیں مگر جب سارے مل کر دعائیں کرتے ہیں تو سب کی قبول ہو جا تی ہیں اور کمزور بھی کامیاب ہو جا تے ہیں۔ دیکھو فوجیں لڑتی ہیں ان میں سے سارے سپاہی بہا در نہیں ہو تے مگر ایک پلٹن ایک کمپنی، ایک رجمنٹ ،ایک بٹالین میں سے جب دو تین آدمی بہادری کے تمغے حاصل کر لیتے ہیں تو ساری بٹالین مشہورہو جا تی ہے ۔اب کوئی یہ نہیں کہتا کہ اس کے فلاں فلاں سپاہی بہادر نہیںبلکہ سب کو مجموعی طور پر بہادرکہا جا تا ہے ۔اس میں شک نہیں کہ خاص انعام خاص اشخاص کو ہی ملتے ہیں مگر عام شہرت میں بزدل بھی شامل ہوتے ہیں۔ اِسی طرح رمضان کے مہینہ میں جب ایک جماعت مل کر دعائیں کرتی ہے تو کمزوروں کی دعائیں بھی قبول ہو جا تی ہیں۔
اِن دنوں کی دعائیں خاص طور پر قبول ہو تی ہیں اس لئے کہ ہزاروں انسانوں کی توجہ مل کر خداتعالیٰ کے حضور پیش ہوتی ہے جسے اللہ تعالیٰ ردّ نہیں کرتا۔پھر تمام جماعت کی جما عت ایک کرب کی حالت میں ہوتی ہے ایک نہیں دو نہیں بلکہ سارے کے سارے ایسے وقت میں جو کہ آرام حاصل کرنے کا ہو تا ہے خدا کے حضور کھڑے ہو کر دعا کرتے ہیں پھر کس طرح ممکن ہے کہ اُن کی دعاقبول نہ ہو ۔درد اور کرب کی دعا تو ضرور ہی سنی جا تی ہے چنا نچہ حضر ت یو نس ؑکی قوم کی نسبت لکھا ہے کہ وہ تباہ ہو نے لگی تھی اور اخیر وقت تک حضرت یونسؑ سے ٹھٹھے کرتی رہی لیکن جب عذاب کے آثارظاہرہونے لگے تو وہ اپنے جا نوروں ،بیوی بچوں کو لے کر باہر نکل گئے اور جنگل میں جا کر جا نوروں کے آگے سے چارہ ہٹا لیااور بچوں کو مائو ں سے الگ کر دیا اور مرد عورت سب اعلیٰ لباس اُتار کر سادہ کپڑے پہن کر دعائیں کرنے لگے۔ اُدھر جا نوروں اور بچوں نے چیخنا شروع کر دیا اِدھر مردوں عورتوں نے رو رو کر دعائیں مانگیں اُن کی اِس حا لت کو دیکھ کر خدا تعالیٰ نے اُن کو بخش دیا اور اُن سے عذاب ٹل گیا ۔ ؎۶ حا لا نکہ وہ نہ ٹلنے والا عذاب تھا۔ خدا تعالیٰ نے قرآن کریم میں ان کے معاف کرنے کو ایک خاص بات قرار دیا ہے ۷؎ جس کی وجہ یہی تھی کہ وہ سب اکٹھے ہو کر خدا کے حضور جھک گئے تھے۔ رمضان میں مسلمانوں کی حالت بھی گویا یو نسؑ کی قوم کی حالت ہو تی ہے۔ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے دعا کی تھی کہ الٰہی! میری ساری اُمت تباہ نہ ہو اور خدانے قبول کر لی تھی ۔ ۸؎ میرے خیال میں آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی اُمت کے تباہ نہ ہونے کے اسباب میں سے ایک یہ بھی ہے کہ مسلمان رمضان میں جو دعائیں کرتے ہیں وہ قبول کی جاتی ہیں۔
پس رمضان کا مہینہ دعائوںکے قبول ہو نے کے لئے ایک خاص وقت ہے۔ نا دان ہے جو اِس کو غفلت میں کھو دے اور بعد میں افسوس کرنے لگے ۔کسی نے سچ کہا ہے ۔’’مشتے کہ بعد از جنگ یاد آید بر کلہ خود باید زد ۔‘‘جوگھونسا جنگ کے بعد یاد آئے اُسے اپنے سر پر ما رنا چاہئے ۔یہ دس دن ہیں اِن سے فائدہ اٹھا ئو۔اپنے لئے ، اسلام کی ترقی کے لئے،جماعت کی ان مشکلات کے دُور ہونے کے لئے جو اِس کے رستہ میں حائل ہیں۔ خداکے فضل کے شامل حال ہونے کے لئے دعائیں کرنے کا یہ تمہیں موقع ملاہے۔ ماہ رمضان میں ان لوگوں کو بھی جاگنے کا مو قع مل جاتا ہے جنہیں عام طور پر جا گنے کی عادت نہیں ہوتی اس لئے انہیں بھی اس مو قع سے فائدہ اُٹھانا چاہئے۔خدا تعالیٰ کے رحم اور نوازش کو دیکھو انسانوں کے لئے مجبور کر کے ایسے سامان مہیا کرتاہے کہ جن سے انہیں فائدہ ہو ۔یہی رمضان کا مہینہ دیکھو سب کو جا گنے کے لئے مجبو ر کر دیا۔ گویا خود جگاکر کہہ دیا کہ لو جو مجھ سے ما نگناہے مانگ لو ۔ کیسا نادان ہے وہ شخص جو اس موقع سے فائدہ نہیں اٹھا تا ۔ خداتعالیٰ نے ہمارے لئے سب سامان مہیا کر دئیے ہیں باقی ان سے فائدہ اُٹھا نا یہ ہما را اپنا کام ہے۔
کچھ عر صہ سے میںدیکھ رہا ہوں کہ ہما ری جماعت میں دعائیں کرنے کے متعلق سستی ہو تی جا تی ہے ۔کئی لوگوں کو رئو یا میں بھی اِس سے آگاہ کیا گیاہے کہ قادیان کے لو گ دعائوں میں سست ہو گئے ہیں ۔اس سستی کو میں خود بھی محسوس کر رہاہوں جس کی وجہ یہ ہے کہ ہماری جماعت نے اپنی کامیابیاں دیکھ کر سمجھ لیا ہے کہ بس اب ہمارا کام ہو گیا ہے لیکن کیسا نا دان ہے وہ شخص جو راستہ میں سست ہو جائے ۔ یہ ایسی ہی بات ہے جیسی ایک کچھوے اور خرگوش کی کہا نی مشہور ہے کہ دونوں ایک جگہ سے ایک مقام کی طرف اِس شرط پر روانہ ہو ئے کہ کون پہلے پہنچتا ہے۔ خرگوش جلدی جلدی چھلانگیں مارتاہوا مقررہ مقام سے کچھ ورے جا کر اِس خیال سے سو گیا کہ کچھوا یہاں بہت دیر کو پہنچے گا اُتنا عرصہ میں آرام کر لوں لیکن وہ وہاں ہی سویا رہا جب کہ کچھوا مقررہ مقام تک پہنچ گیا تو اُس کی نیند کھلی ۔تو یہ بہت کم عقلی کی بات ہے کہ انسان اپنی ترقی پر فخر کرکے کہہ دے کہ میری ہمت اور کوشش کی حد ہو گئی ہے ۔ دوسری قوموں کو تو جا نے دو لاہوریوں کو ہی دیکھو ابھی تک تمہا رے راستہ سے دور نہیں ہو ئے۔ پس تمہیں سست نہیں ہو نا چاہئے کیو نکہ مومن کبھی سست نہیں ہو تا ۔
خلافت کے متعلق جب جھگڑا پیدا ہو ا تو میں نے بہت دعائیں کیں کہ الٰہی! اس کے متعلق حق حق سمجھا دے ۔آخری رات کو ارادہ کیا کہ میں وہاں نہیں جائوں گاجب فیصلہ ہو جائے گا تب جائوں گا لیکن جب صبح کو اُٹھا تومیری زبان پر یہ ا لفاظ جاری تھے کہ قُلْ مَایَعْبَؤُا بِکُمْ رَبِّیْ لَوْ لَا دُعَا ؤُ کُمْ۔ میں نے قُلْ سے پتہ لگا لیا کہ اگر یہ نہ ہوتا تو گویا ہم کو جھاڑ تھی لیکن اب ہماری تائید میں ہے ۔یعنی خدا تعالیٰ فرما تاہے کہ کہدو کہ اگر تمہاری دعائیں نہ ہوں تو کیا خدااِس بات کا محتاج ہے کہ تمہا ری ترقی، تمہارے آرام اور تمہاری یکجہتی کے لئے اسباب مہیا کرے اور تم غافل بیٹھے رہو۔پس خوب سمجھ لو کہ اگر تم آہ وبکا اور عجزو انکسار میں سستی کر و گے تو خدا کو تمہا ری کیا پرواہ ہے۔ انسان خدا کا محتاج ہے نہ کہ خدا انسان کا۔ انسان کو خدا کی ضرورت ہے نہ کہ خداکو انسان کی ۔ہم فقیر ہیں اور خدا غنی اِس لئے ہمیں ضرورت ہے کہ اُس کا دروازہ کھٹکھٹائیں نہ کہ وہ ہمیں اپنے فضل اور رحم سے جگائے اورپھر بھی ہم اُس سے کچھ نہ مانگیں۔ پس سستی کوچھوڑ کر دعائیں کرنے کی عادت ڈالو۔ کئی لوگ صرف فرض عبادت کو ضروری سمجھتے ہیں اور دعائیں اور ذِکر الٰہی کرنے سے غافل رہتے ہیں مگر یہ بھی دہریت کی ایک رگ ہے۔ جب کوئی قوم ذکرِ الٰہی کو چھوڑ دیتی ہے تو ایک فضول چیز کی طرح نکال کر پھینک دی جا تی ہے ۔مدرسہ کے افسروں کو چاہئے کہ اپنے اندردعااور ذکرِ الٰہی کرنے کی عادت ڈالیں اور پھر طالب علموں کو اِس میں لگائیں۔ تم سب لو گ چوکس اور ہوشیار رہواور ہمیشہ دعائوں میں لگے رہو۔مگر آجکل خاص دن ہیں ان میں ضرورضرور بہت بہت دعائیں کروتاکہ خداتعالیٰ ان روکوں کو ہٹا دے جو ہمارے راستہ میں ہیں۔
اللہ تعالیٰ ہماری جماعت کو سمجھ دے خصوصاً قادیا ن کے لوگوں کو کہ دعا کرنے میں کبھی سست نہ ہوں اور یہ نہ سمجھیں کہ ہمارا کام ہو گیا ہے ۔ ہم ہر وقت خدا تعالیٰ کی مدد اور تائید کے محتاج ہیں اور جتنی جتنی ہماری عمریں بڑھتی جا تی ہیں اُتنی ہی احتیاج بھی ہو تی جاتی ہے اس لئے کبھی سست نہیں ہو نا چاہئے۔ جس قدر امتحان کے دن قریب آتے ہیں اُسی قدر زیادہ محنت کرنی پڑ تی ہے اور اُس وقت سست لڑکے بھی چست بن جا تے ہیں۔ تم بھی کسی وقت سست نہ ہو اور کبھی یہ نہ سمجھو کہ ہمارا کام ختم ہو گیا ہے کیونکہ مو ت تک تمہا را کام ختم نہیں ہو سکتا۔پس خداتعالیٰ کے حضور دن رات ایک کر کے عرض کرو اور دعائوں کو اُٹھتے بیٹھتے، چلتے پھرتے اور سوتے جا گتے غرضیکہ ہر وقت وردِ زبان رکھو۔ دعا صرف زبان سے ہی نہیں کی جا تی بلکہ ہر ایک عضو دعا کرتاہے۔کیا جب آنکھیں عجزو نیا ز سے آنسو بہاتی ہیں تو وہ دعانہیں ہو تی؟ پھر کیا جب عاجزانہ شکل بنتی ہے تو وہ منہ دعا نہیں کرتا؟ یا جب ہاتھ گھٹنو ں پر گرتے ہیں تو دعا نہیں کرتے؟ یا جب کمر خداکے حضور جھکتی ہے تو وہ دعا نہیں کرتی؟ سب اعضاء پائوں، ماتھا، ناک، کان، اُنگلیاں سب دعا کرتی ہیں اور سب سے زیادہ دل دعا کرتاہے ۔پس ہر وقت دعاکی عادت ڈالو۔ عادت سے مراد غفلت کی عادت نہیں بلکہ تکرار کی عادت ہے کہ تمہیں ہر وقت خدا یا د رہے۔جب ایسا کروگے تو خداکے فیض کے دروازے تم پر کھل جائیں گے ۔پھر تم دیکھو گے کہ خدا نے سچ کہا ہے۔ ۔خدا تعالیٰ ہمیں دعائیں کرنے کی توفیق دے اوران کو قبو ل کرکے ہمیں اپنے فضلوں کا وارث بنائے۔‘‘ آمین
(الفضل ۱۵؍جولائی۱۹۱۶ئ)
۱؎ البقرۃ: ۱۸۷
۲؎ بخاری کتاب المظالم باب الاتقا ء والحذر من دعوۃ المظلوم
۳؎ بخاری کتاب بدء الوحی باب کیف کان بدء الوحی اِلیٰ رسول اللّٰہ ﷺ (الخ)
۴؎ مسلم کتاب الصلوٰۃ باب وجوب قراء ۃ الفاتحۃ فی کل رکعۃ (الخ)
۵؎ فتوح الغیب مقالہ نمبر ۱۷ ۔اُردو ترجمہ صفحہ ۳۳مطبوعہ دھلی ۱۹۲۹ء
۶؎ بائبل۔ یونا ہ نبی کی کتاب باب ۳ (مفہوماً)
۷؎ یونس: ۹۹
۸؎ مسلم کتاب الفتن باب ھلاک ھذہ الامۃ
۲۲
گورنمنٹ کی ہر قسم کی مدد کرو
(فرمودہ۱۴؍جولائی۱۹۱۶ئ)
تشہد،تعوذ اورسورئہ فاتحہ کے بعد حضور نے مندرجہ ذیل آیت کی تلاوت کی:۔
۱؎
پھر فرمایا:۔
’’میں نیت تو یہ کر کے چلا تھا کہ چونکہ رمضان کا مہینہ ہے اِس لئے جیسے میں نے پہلے بیان کیا تھا کہ دعائوں کے قبول ہو نے کے ایسے اوقات مقرر ہیںکہ ان میں کی ہوئی دعا خاص طور پر قبول ہوتی ہے ۔چنا نچہ ان میں سے ایک وقت رمضان کا مہینہ ہے ۔اسی طرح یہ بھی آپ لوگوں کے سامنے بیان کرو ںکہ دعا کون سے رنگ اورکن حالتوں میں کرنے سے زیادہ قبول ہوتی ہے اور اگر اعلیٰ اور عمدہ وقت میںکی جائے تو سونے پر سہاگہ ہو جاتاہے کیونکہ ایک تو وہ وقت ہی قبولیت دعاکا ہوتا ہے دوسرے عمدگی سے دعا کی جا تی ہے اس لئے اِس وقت اِسی کے متعلق بیان کرتاہوں اور پہلی بات کو کسی اور توفیق کے موقع پر چھوڑتاہوں۔
اِس وقت جو میں نے آیت پڑھی ہے اِس میں خدا تعالیٰ نے مسلمانو ں کو ایک خاص بات کی طرف متوجہ کیا ہے۔ فرمایا اللہ عدل، احسان اورکی تاکید کرتا اور حکم دیتا ہے ۔
اور فحشاء ، منکر اور بغی سے روکتا ہے۔ اِس زمانہ میں میں نے دیکھا ہے بغاوت کا مادہ عجیب عجیب رنگ میں پھیلایا جاتاہے اور ایسے ایسے خوش رنگ میں پیش کیا جا تاہے کہ بعض لوگ اس کو مفید اور کارِ ثواب سمجھنے لگ جا تے ہیں۔ ایک زمانہ ایسا گزرا ہے کہ لوگ بغاوت کے لفظ تک کو حقارت سے دیکھتے تھے اور بڑے بڑے دُکھ اور تکلیفیں اُٹھا تے تھے مگر وفا داری کو نہیں چھوڑتے تھے مگر آجکل بغاوت کے مفہوم کی کچھ ایسی تعریف بدلی ہے کہ بعض نادان اسے اعلیٰ درجہ کا کام سمجھنے لگ گئے ہیں اور اس کانام خدمت ملکی اور قومی جو ش رکھ رہے ہیں۔ وہ کہتے ہیں کہ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا ہے کہ جو اپنی حفاظت کرتاہو ا ما راجائے وہ شہید ہوتا ہے۔۲؎ اس لئے انہوں نے بغاوت کو نہ صرف جائز قرار دے لیا ہے بلکہ بہت مفید اور کارِثواب سمجھ رکھاہے اور اس طرح بہت لوگ دھوکا میں آکر وہ کا م کر گزرتے ہیں جو اُنہیں نہیں کرنا چاہئیں لیکن مَنْ لَا یَشْکُرُ النَّاسَ لَا یَشْکُرُ اللّٰہَ ۔ ؎۳ جو انسانوں کا شکر ادا نہیں کرتا وہ خدا کا بھی نہیں کرسکتا کیونکہ انسان کے انسان پر بہت تھوڑے احسان ہوتے ہیں جب وہ ان کوہی نہیں ادا کر سکتا تو خدا تعالیٰ کے احسان جو ادا ہی نہیں ہو سکتے اُن کے ادا کرنے کا تو وہ خیال بھی نہیں کر ے گا ۔پس جو شخص انسانوں کی بغاوت کرتاہے ضرور ہے کہ وہ خداکا بھی باغی ہو ۔اور یہ لازماً ہے کہ وہ انسان جو اپنے محسن اور آقا کی بغاوت کرتاہے کبھی خدا کی اطاعت نہیں کر سکتا ۔
صوفیاء تو اطاعت کے معاملہ میں بہت ہی بڑھ گئے ہیں اور انہو ں نے اپنے رنگ میں عجیب عجیب طرز پر مسائل لکھے ہیں ۔ احسان کی قدر کرنے اوراپنے محسن کے شکرگزار ہو نے کے متعلق یہ مسئلہ اُٹھا یا ہے کہ اگر کوئی شخص دین کے معاملہ میںماں باپ کی بغاوت اور نا فرمانی کرے تو اس کے متعلق کیا حکم ہے۔ اس سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے یہ فتویٰ دیا ہے کہ بوجہ اس کے کہ اس نے خداکے لئے ماں باپ کی نافرمانی کی بخشاء جائے گا مگر چونکہ اس نے ماں باپ کی نافرمانی کی ہو گی جو اس کے کسی گناہ ہی کا موجب ہے کیونکہ اگر کوئی گناہ نہ ہو تا تو اُسے ایسا موقع ہی پیش نہ آتا کہ اُسے نافرمانی کرنی پڑ تی اِس لئے وہ اُس وقت تک بہشت میں نہیں جائے گا جب تک خدا تعالیٰ اسے نہیں کہے گا کہ چونکہ تم نے میرے لئے ماں باپ کی نافرمانی کی تھی اس لئے میں ہی تمہیں بخشتاہوں ۔خدا جانے یہ بات کہا ں تک درست ہے مگر اس میں اطاعت اور فرمانبرداری کرنے کی اعلیٰ درجہ کی مثال ہے ۔ باوجود اس کے کہ اطاعت اور فرمانبرداری ایسی ضروری ہے پھربھی ایسے لوگ ہوتے ہیں جو اس سے روگردانی کر بیٹھتے ہیں۔وہ اپنے دل میں کچھ خوش کن خیالا ت پیدا کرلیتے ہیں اور سمجھ لیتے ہیں ہماری کوششوں سے یہ ہو جائے گایاوہ ہو جائے گا لیکن ان کے یہ خیالات شیخ چلی کے منصوبہ سے زیادہ وقعت نہیں رکھتے ۔جیسا کہ مثل مشہور ہے کہ شیخ چلی نے کہا کہ مجھے یہ جو مزدوری ملے گی اس کے انڈے خرید لوں گا اُن کو فروخت کر کے مرغی پھر بکری ،گھوڑا، اُونٹ وغیرہ خرید تا جائوں گااور اِس طرح تجارت کرتے کرتے جب بہت بڑا مال دار ہو جائوں گا تو بادشاہ کی لڑکی سے شادی کر لوں گاپھر بچے پیدا ہوں گے وہ جب میرے پاس کچھ مانگنے آیا کریں گے تو میں یوں لات ماروں گا ۔جب اُس نے لات ماری تو وہ گھی کا مٹکہ جس کے اُٹھانے کے عوض اُسے مزدوری ملنی تھی زمین پر گر کر ٹوٹ گیا۔ مالک مٹکہ نے اُسے گردن سے پکڑ کر خوب مرمت کی تب اُسے ہو ش آیا۔ تو اِس قسم کے خیالات محض اوہا م ہوتے ہیں کبھی ان سے نتیجہ نہیں نکلا کرتا۔کبھی خفیہ سازشیں اور منصوبے کرنے والے بادشاہ نہیں ہوئے، کبھی ان کی شرارتوں سے حکومتیں نہیں گرجاتیں۔ اگر کوئی حکومت گرتی ہے تو اس کے اَور ہی اسباب ہوتے ہیں ۔آج تک تاریخ میں سے اس قسم کا ایک نمونہ بھی نہیں مل سکتا کہ کسی زمانہ میں خفیہ سازشیں کرنے والوں نے حکومت کے تغیر سے فائدہ اُٹھایا ہو بلکہ ایسا ہی ہو ا ہے کہ آنے والوں نے آکر سب سے پہلے کام ہی یہی کیا ہے کہ ان کو نیست و نا بود کیا ہے ۔کیو نکہ وہ جانتے ہیں کہ جب انہوں نے اس سلطنت سے بغاوت کی جس کے ان پر بہت سے احسانا ت تھے تو ہم میں سے کیوں نہ کریں گے جس کے ابھی یہ رہین منت نہیں ہیں۔ تو ایسے لوگ ہمیشہ ناکام اور نامراد ہی رہتے ہیں۔ اِس زمانہ میں بھی کچھ لوگ ہیں جو خفیہ تدبیریں کرتے ہیں لیکن وہ یاد رکھیں کہ اِن کا بھی وہی انجام ہو گاجو اِن سے پہلوں کا ہوا۔
ہماری جماعت کو حضرت مسیح موعود علیہ السلام نے بار بار اِس طرف متوجہ کیا ہے کہ وہ ہر وقت گورنمنٹ کی وفا دار اور مددگار رہے اور بتایا ہے کہ وہ وقت آتاہے جبکہ شورشیں ہوں گی اور صرف ہماری ہی جماعت گورنمنٹ کی اعلیٰ درجہ کی وفا دار ثابت ہو گی ۔ہمیں اِس معاملہ میں گورنمنٹ سے ہمدردی ہے کہ بعض نا عاقبت اندیش شورش پھیلانا چاہتے ہیں لیکن ساتھ ہی ہما را ایمان بھی تازہ ہو رہا ہے کہ خدا تعالیٰ کے فرستادہ حضر ت مسیح موعود علیہ السلام کی وہ بات جو آپ نے بہت پہلے بتائی تھی پوری ہو رہی ہے مگر اس موقع پر آپ نے ہماری جماعت کا یہ فرض رکھا ہے کہ ہم ہر طرح سے گورنمنٹ کی مدد اور تائید کر یں۔ پھر آپ نے سورۃ الناس کی تفسیر لکھتے ہوئے بتایا ہے کہ گورنمنٹ کی وفاداری اور اطاعت کرنا ہمارا فرض ہے آجکل ہو رہا ہے۔ پس یہ وہ وقت ہے جبکہ ہم نے اس بات کا ثبوت دینا ہے کہ ہم کو حضرت مسیح موعود علیہ السلام نے جو کچھ اپنی جما عت کے متعلق کہا تھا وہ سب سچ ہے ۔
۱۹۰۷ء میں جب فساد ہو ا تھا اور ہندو مسلمانوں نے اپنا اتفاق ظاہر کرنے کے لئے چاندی کے برتنوں میں اکٹھا پانی پیا تھا اُس وقت حضرت مسیح موعود علیہ السلام نے کہا تھا کہ گورنمنٹ کو اپنی خدمات پیش کرو۔ کہو کہ جو خدمت ہم سے چاہئے ہم وہ دینے کو تیا ر ہیں ۔اِس وقت بھی جبکہ گورنمنٹ ایک عظیم الشان جنگ میں مشغول ہے کچھ شریر لوگ اِس قسم کے منصوبے کر رہے ہیں کہ گورنمنٹ کی توجہ بٹ جائے اِس لئے ہماری جماعت سے جہا ں تک اور جس طرح ہو سکے گورنمنٹ کی مدد کرے تا حضرت مسیح موعودؑ کی پیشگوئی تمام و کما ل پوری ہو جائے۔ اِس کا ایک حصہ تو پورا ہو چکا ہے اور دوسرا حصہ ہمارے ساتھ تعلق رکھتاہے اس لئے وہ ہمارے ذریعہ پورا ہو گا۔خدا تعالیٰ کی بعض پیشگوئیوں کا پورا ہونا انسانوں سے تعلق رکھتاہے تاکہ و ہ اسے پورا کرکے انعامات کے مستحق ہو جائیں ۔حضرت مسیح موعود علیہ السلام کو الہام ہو ا تھا کہ ہما رے گھرمیں طاعون نہیں پڑے گی۴؎ لیکن باوجو د اِس کے آپ صفائی وغیرہ کی بڑی احتیا ط کرتے تھے اور فرماتے کہ یہ حصہ ہمارے ساتھ تعلق رکھتاہے اس لئے اِس کا پوراکرنا ہمارا فرض ہے ۔تو خداتعالیٰ نے اِس پیشگوئی کا ایک حصہ ہمارے ہا تھ میں رکھا ہے اور دوسرا دشمنوں کے ہاتھ۔ انہوں نے گورنمنٹ برطانیہ کے احسانا ت کی قدر نہ کی اور شرارتیں شروع کر دیں۔اب دوسرا حصہ پو را ہونا ہے جو حضرت مسیح مو عود ؑ کے مریدوں کے متعلق ہے۔پس جب آپ کے دشمنوں نے پیشگوئی کا وہ حصہ جو ان سے تعلق رکھتا ہے پورا کر دیا ہے تو کیسا نادان اور بد قسمت ہے وہ دوست جس کے ہا تھ سے اس کا متعلقہ حصہ پورا نہ ہو ۔
پس میں خاص طور پر اپنی جما عت کو متوجہ کرتا ہوں کہ اِس وقت گورنمنٹ کی خاص طور پر مدد کرنی چاہئے ۔یہ نا دان لوگوں کے غلط اور بیہودہ خیال ہیں کہ گورنمنٹ کو نقصان پہنچا سکیں گے۔ جو کوئی اس سلطنت کا مقابلہ کرے گاوہ خود رُسوا اور ذلیل ہو گا۔یہ گورنمنٹ خدا کی طرف سے یہاں آئی ہے اور حضرت مسیح موعود ؑ اِس میں پید ا ہوئے ہیں تا اِس کے ذریعہ اسلام کی اشاعت اور ترقی ہو ۔ پس اب اسلام کی اشاعت اِسی سلطنت کے ذریعہ ہو گی ۔ حضرت مسیح موعود ؑ نے رئویا میں دیکھا تھا کہ یہ قوم گروہ در گروہ جما عت میں داخل ہو رہی ہے اور دوسروں کو کر رہی ہے۔ ؎۵
ہماری جماعت کو چاہئے کہ حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے حکم کو مد نظر رکھے اور جہاں کسی کے دل میں کوئی فاسد خیال دیکھے فوراً نکالنے کی کو شش کرے اور جس طرح بھی ہو سکے گورنمنٹ کی مدد کرے کیو نکہ ایسا کرنا نہ صرف گورنمنٹ کی مدد کرنے کے فرض کو ادا کرنا ہے بلکہ حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی پیشگوئی کو بھی پو راکرنا ہے۔خد ا تعالیٰ ہمیں قرآن کریم کے احکام کے سمجھنے اوران پر عمل کرنے کی توفیق دے اور ہما ری گورنمنٹ جس طرح امن پھیلا نے کاکام کررہی ہے اِسی طرح دین اسلام پھیلانے میں بھی ہما رے کام آئے اور جس طرح دنیاوی لحاظ سے ہمارے سا تھ تعلق رکھتی ہے دینی لحاظ سے بھی تعلق رکھے۔‘‘ آمین
(الفضل ۲۲؍جولائی۱۹۱۶ئ)
۱؎ النحل: ۹۱
۲؎ کنز العمال جلد ۴ صفحہ ۴۱۶ مطبوعہ ۱۹۷۰ء
۳؎ ترمذی کتاب البر والصلۃ باب ماجاء فی قبول الھدیۃ (الخ)
۴؎ تذکرہ صفحہ ۴۲۵۔ ایڈیشن چہارم
۵؎ تذکرہ صفحہ ۴۱۰۔ ایڈیشن چہارم
۲۳
قبولیت دعا کے طریق
(فرمودہ ۲۱؍جولائی۱۹۱۶ئ)
تشہد، تعوذ اورسورئہ فا تحہ کے بعد حضور نے مندرجہ ذیل آیت کی تلاوت کی :۔
۱؎
’’میںنے پچھلے جمعہ کے خطبہ میں بیا ن کیا تھا کہ اگر اللہ تعالیٰ نے تو فیق دی تو میں اِس امر کے متعلق بیان کرنا چا ہتاہو ں کہ انسان کو دعا کس رنگ اور کس طریق میں کرنی چا ہیے جس کے نتیجہ میں قبولیت کا وہ زیادہ اُمید وار ہو ۔اور وہ کیا شرائط ہونی چاہئیں جن کے مطابق کی ہوئی دعا خدا تعالیٰ کے حضور قبول ہو جائے ۔ یوں تو اللہ تعالیٰ بادشاہ ہے اور ہم اس کی رعایا کسی کی درخواست اور عرضی کو قبول کرنا بادشاہ کا اپنا کام ہے۔ رعایا کا نہ یہ فرض ہے اور نہ کام ہے اور نہ حق ہے کہ بادشاہ یا حاکم ضرور ہی اُس کی درخواست کو قبول کر لے۔ اگر وہ ہر بات کو قبول کر لے اور ضرور قبول کر لے توگویا وہ نو کر ہوا اور رعایا آقا، وہ خادم ہو ا اور رعایا مخدوم کیونکہ جو کسی کی ہر ایک بات ماننے پر مجبورہو تاہے وہ آقانہیں بلکہ خادم ہوتا ہے۔ آقا خادم کی بات ماننے کے لئے مجبور نہیں ہو تا بلکہ مختار ہوتاہے۔ اس کے اختیا ر میں ہو تا ہے کہ چاہے تو قبول کرے اس کے لئے وہ مجبو ر نہیں ہوتا اور چاہے تو ردّ کرے اس سے اس پر کوئی الزام نہیں آتا۔ چونکہ خدا تعالیٰ نہ صرف آقا ہے اور ہم خادم بلکہ وہ مالک ہے اور ہم غلام ۔پھر وہ خالق ہے اور ہم مخلوق ۔توجبکہ خادم اور آقا کا تعلق بھی ایسا نا زک ہو تاہے کہ خادم کو یہ کبھی امید نہیں ہو سکتی کہ میر ا آقا میری ہر ایک بات کو ضرور ہی مان لے گا تو ایک انسان کس طرح خیال کر سکتاہے کہ اس کی ہر ایک بات خدا تعالیٰ کو قبول کر لینی چاہئے۔ اگر کوئی خادم یہ دعویٰ کرتاہے کہ اس کی ہر ایک بات اس کا آقامان لیتا ہے تو اس کایہ دعویٰ جھوٹا ہے ۔خادم کو ہمیشہ خدمت کے مقام پر کھڑا رہنا چاہئے اور اپنے رویہ، طریق اور خیالات کو اُسی حد میں محدود رکھنا چاہئے جو اُس کی خادمیت کے منا سب ہے نہ کہ آقا بننا چاہئے۔
پس کسی کا یہ امید کرنا یا ایسا خیال کرنا کہ اگر میری تمام دعائیں خدا قبول کرے اورکسی کو ردّ نہ کرے تب خداخدا ہو سکتاہے ورنہ نہیں اس طرح کی با ت ہے کہ گویا نَعُوْذُ بِاللّٰہِ وہ انسان خداہے اور خدا اس کا بندہ ۔ یہ آقا ہے اور وہ خاد م۔یہ مالک ہے اوروہ غلام، کیونکہ جو کسی کی ہر ایک بات ماننے کے لئے مجبو ر ہو تاہے وہ بندہ اور غلا م ہو تاہے نہ کہ منوانے والا خادم اور غلام۔ تو یہ امید کرنا ہی باطل ہے کہ میری تمام کی تمام دعائیں قبول ہو جا نی چاہئیں یہ خیال کوئی جا ہل سے جاہل اور نادان سے نا دان انسان کرے تو کرے ورنہ دانا نہیں کر سکتا ۔ گو آجکل کے مسلمانوں میں سے بعض اِسی قسم کے خیالات رکھتے ہیں ۔ بعض لوگ جو مجھے دعا کے لئے لکھتے ہیں انہیں جواب دیا جا تاہے کہ اِنْشَائَ اللّٰہ دعاکی جائے گی مگر کچھ عرصہ کے بعد وہ لکھتے ہیں کہ ابھی تک وہ کام نہیں ہو ا معلوم ہو تا ہے کہ آپ نے دعانہیں کی اب آپ ضرور دعا کریں۔ہم لکھتے ہیں ہمارا کام دعاکرنا ہے وہ کرتے ہیں آگے کام کرنا خدا کے اختیا ر میں ہے اس میں ہماراکوئی دخل نہیں ۔ اس کے جواب میں لکھتے ہیں کہ آپ نے یہ کیا لکھ دیا آپ تو جو چاہیں خدا سے منوا سکتے ہیں پس ہمارا یہ کام بھی کروا دیجئے ۔ تو اِس قسم کے خیالات ہیں آجکل کے مسلمانوں کے جو اُس جہالت کا نتیجہ ہیں جو اِن میں پھیلی ہو ئی ہے ۔ انہوں نے کسی کے بزرگ ہونے کے یہ معنی سمجھ رکھے ہیں کہ وہ نَعُوْذُ بِاللّٰہ خدا سے بھی بزرگ ہے جو چاہے کروا سکتاہے حالانکہ بزرگ کے اصل معنی یہ ہیں کہ وہ لوگوں میں سے بزرگ ہے جیسے کہتے ہیں کہ باپ کا بزرگ بیٹا یعنی سب سے بڑا بیٹا ۔ اس کے یہ معنی نہیں ہو ا کرتے کہ وہ اپنے باپ سے بھی بزرگ ہے بلکہ یہ کہ دوسرے بھا ئیوں سے بزرگ ہے۔ اِسی طرح خداکے بزرگ کے یہی معنی ہیں کہ اس کی مخلوق سے بزرگ ہے اور خدا اَوروں کی نسبت اُس کی دعائیں زیادہ قبول کرتاہے۔ جیسے گورنمنٹ کے اعلیٰ حکام ہو تے ہیں اُن کی باتیں دوسروں کی نسبت بہت زیادہ مانی جاتی ہیں مگر یہ نہیں ہو تا کہ گورنمنٹ اُن کی سب کی سب باتیں مان لے۔ تو یہ ایک باطل عقیدہ ہے جو پھیلا ہو ا ہے کہ خدا کو سب دعائیں قبول کر لینی چاہئیں ۔
پچھلے جمعہ کے خطبہ میں جو میں نے یہ کہا تھا کہ ایسے طریق بتائوں گا جن سے دعائیں قبول ہوتی ہیں اس سے شاید کسی کے دل میں یہ بات آئی ہو کہ اگلے جمعہ میں کوئی ایسی ترکیب بتا دی جائے گی جس سے جو چاہیں گے خدا تعالیٰ سے منوا لیں گے اور اب یہ سن کر کہ خدا تعالیٰ ہر ایک دعا قبول کرنے کے لئے مجبو ر نہیں ہے اور نہ ہی کسی عقلمند کو یہ خیال کرنا چاہئے کہ اس کی تمام دعائیں قبول ہو جائیں گی کو ئی کہہ دے کہ پہا ڑ کھو دنے سے چوہا ہی نکلا ہے ۔یعنی جب کسی بڑی چیز کی امید ہو اور بہت چھوٹی چیز حا صل ہو تو یہی کہا جا تاہے ۔ پس اگر کسی نے یہ خیال کیا تھا کہ اگلے خطبہ جمعہ میں کوئی ایسا طریق بتا دیا جائے گا جس سے جو بات چاہیں گے خدا سے قبول کروالیں گے تو وہ اپنے دل سے اِس کو نکال دے کیونکہ یہ کفر ہے۔ اور یہ بات نہ میرے ذہن میں آئی اورنہ ہی کسی ایسے انسان کے ذہن میں آسکتی ہے جو خدا تعالیٰ کی عظمت ، جلال اور قدرت سے واقف ہے۔ میرا مدعا تو یہ تھا کہ ایسا طریق بتایا جائے جس سے نسبتاًخدا تعالیٰ زیادہ دعائیں قبول فرمالے ۔ یہ ہر گز نہیں تھا کہ میں کوئی ایسا گر جا نتا ہوں یا بتاسکتا ہوں یا یہ کہ میرا عقیدہ ہے کہ خدا تعالیٰ سے انسان جو چاہے منوا سکتاہے۔پس میں پہلے اس بات کو صاف کرنا چاہتاہوں کہ میں قطعاً کوئی ایسا گر نہیں جانتا کہ جس سے آقا خادم اور خادم آقا بن جائے ۔ خالق مخلوق ہو جائے اور مخلوق خالق ۔مالک غلام قرار پا جائے اور غلام مالک کیونکہ آقا آقا ہی ہے اور غلام غلام۔ خدا تعالیٰ ازل سے آقا ہے، خالق ہے، مالک ہے، رازق ہے اور ہمیشہ اِسی طرح رہاہے اِسی طرح رہے گا۔ انسان ہمیشہ سے خادم، مخلوق اور مملوک رہا ہے اور اس کی یہی حالت ہمیشہ رہے گی ۔ حتی کہ جنت میں جب اعلیٰ سے اعلیٰ مدارج پر ہو گا توبھی یہی حالت ہو گی تو اس قسم کا خیال کفر ہے اور میں ہر گز ہرگز اِس کا قائل نہیں ۔ ہا ں ایسے رنگ اور طریق ضرور ہیںکہ جن سے انسان اللہ تعالیٰ کو خوش کرکے جہاں تک آقا اور مالک، خالق اور مخلوق، مالک اور مملوک کا تعلق ہے اپنی بات منو ا سکتا ہے۔ جیسے ایک بچہ اپنے باپ سے اور شاگرد اپنے استاد سے منواسکتا ہے۔ مگر ایسا کوئی بچہ نہیں ہو سکتا جو باپ سے اپنی ہر بات منو ا لے اور نہ کوئی ایسا شاگرد ہو سکتاہے جو استاد سے جو چاہے منظور کروا لے ۔کوئی جا ہل اور نادان باپ یا استاد ہر ایک بات مان لے تو یہ ایک الگ بات ہے جیسا کہ کہتے ہیں کسی پٹھان نے اپنے لڑکے کو پڑھانے کے لئے ایک استاد رکھا تھا ایک دن اُستاد نے لڑکے کے سبق یاد نہ کرنے پر اسے سخت پیٹنا شروع کر دیا ۔ لڑکا تلوار لے کر مارنے پر آمادہ ہو گیا ۔استاد بیچارہ جان بچانے کے لئے بھاگا وہ اُس کے پیچھے دَوڑا ۔ راستہ میں لڑکے کا باپ مل گیا ۔ استاد صاحب نے سمجھا کہ اب جان بچ جائے گی اِس لئے اُس کے پاس جا کر کہنے لگا۔دیکھئے! آپ کا لڑکا مجھے قتل کرنا چاہتاہے اِس کو روکئے۔اُس نے کہا بھا گو مت ٹھہر جائو ،میرے بیٹے کا یہ پہلا وار ہے خالی نہ جانے پائے۔ تو کوئی بے وقوف ہی ایسا کر سکتاہے نہ کہ عقلمند ۔پس میں جو دعائوں کے قبول ہو نے کا طریق بتائونگا وہ ایسا ہی ہو گا کہ جس سے خدا زیادہ دعائیں قبو ل کر لے گا نہ ایسا کہ ہر ایک دعا کو قبول کرلے گا۔
پہلا طریق جس سے دعائیں قبول ہوتیں اور کثرت سے خداتعالیٰ سنتاہے وہ تو اس قسم کاہے کہ ہر ایک انسان اسے اختیار نہیں کر سکتا بلکہ خاص خاص انسان ہی اس پر چل سکتے ہیں کیونکہ وہ انسان کے کسب سے متعلق نہیں بلکہ اس کے رُتبہ اور مرتبہ سے تعلق رکھتا ہے۔ اس مرتبہ کا جو انسان ہو تاہے اُسکی نسبت تو میں یہ بھی کہہ سکتاہوں کہ اُس کی ہر ایک دعا قبو ل ہو جاتی ہے۔ابھی میں نے اس بات سے انکار کیا تھا کہ انسان کی ہر ایک دعا قبول نہیں ہوتی مگر اب میں نے کہا ہے کہ اس مرتبہ کے انسان کی ہر ایک دعا قبول ہو جا تی ہے اِن دونوں باتوں میں اختلاف پایا جا تاہے لیکن جب میں یہ بتائوں گا کہ وہ مرتبہ کیا ہے تو آپ لوگ خود بخود سمجھ جائیں گے کہ کوئی اختلاف نہیںہے۔میں نے اِس مرتبہ اور مقام کا نام آلہ یعنی ہتھیار رکھا ہو ا ہے جس کے ہا تھ میں ہتھیار ہو وہ اُسے جہاں چلائے چلتاہے اور اگر وہ ہتھیار ضرب نہ لگائے تو اس کا قصور نہیں ہو تا بلکہ چلانے والے کا ہو تاہے۔ لیکن کوئی چلانے والا یہ کبھی نہیں چاہتا کہ وہ کوئی ہتھیار چلائے اور وہ نہ چلے بلکہ وہ یہی چاہتاہے کہ میںجہاں بھی چلائوں وہیں چلے۔اِسی طرح انسان پر ایک ایسا وقت آتا ہے جبکہ وہ خدا کے ہا تھ میں بطور ہتھیار کے ہو جا تاہے ۔وہ نہیں کھاتا جب تک کہ خدا اسے نہیں کھلاتا ،وہ نہیں پیتا جب تک کہ خدااسے نہیں پلاتا ۔وہ نہیں سنتا جب تک کہ خدا اسے نہیں سنا تا۔وہ نہیں جا گتا جب تک کہ خدا اسے نہیں جگاتا۔وہ نہیں سوتا جب تک کہ خدا اسے نہیں سلاتا غرضیکہ اُس کی ہر حرکت اور ہر سکون اللہ تعالیٰ کے لئے اور اُسی کے اختیار میں ہوتی ہے ۔ ایسا انسان جو دعا کرتا ہے وہ قبول ہو جا تی ہے کیونکہ وہ اُس کی نہیں ہوتی بلکہ اللہ تعالیٰ کی طرف سے اُسے اُس کے کرنے کا حکم ہو تا ہے اس لئے کر تاہے اور اس کی دعا کا قبول کر لینا خدا تعالیٰ کی شان کے خلاف نہیں ہے کیو نکہ جو دعا مانگی جا تی ہے وہ دراصل خدا ہی نے منگوائی ہو تی ہے۔ پس چو نکہ منگوانے والا بھی اللہ تعالیٰ ہی ہو تاہے اور دینے والا بھی اللہ ہی اِس لئے وہ ضرور قبول ہو جا تی ہے اور ممکن نہیں کہ قبول نہ ہو۔ مثال کے طور پر دیکھئے جب کوئی حاکم اپنے ماتحت کام کرنے والوں کا معا ئنہ کرنے آتے ہیں تو ما تحت اپنی ضروریا ت کو اُن کے سامنے پیش کرتے ہیں ۔ مثلا فرض کرو ایک ڈپٹی کمشنر تحصیل میں آیا اور تحصیل دار نے اپنی ضروریات اُن کے سامنے پیش کیں کہ فلاں چیز کی ضرورت ہے، فلاں سامان خریدنا ہے، فلاں کام کروانا ہے وغیرہ وغیرہ ۔وہ اس میں سے کچھ مان لے گااور کچھ رد ّکر دے گا۔لیکن کبھی یہ بھی ہوتاہے کہ ڈپٹی کمشنر خود کوئی ضرورت دیکھتاہے اور کہتا ہے کہ یہ چیز بھی ہو نی چاہئے اس کے لئے تحصیلدار کو کہتاہے کہ اِس چیز کی منظوری حاصل کرنے کے لئے رپو رٹ کر دو ۔وہ رپورٹ کر دیتا ہے اب یہ کبھی نہ ہو گاکہ ڈپٹی کمشنر اس رپورٹ کو ردّ کردے یا نا منظور کردے کیونکہ اس کے متعلق وہ خود کہہ گیا تھا کہ کرو۔ اِسی طرح خدا تعالیٰ بھی اپنے بندے کی زبان پر خود دعا جا ری کرتاہے پس جب خود کرتا ہے تو پھر اُسے ردّ نہیں کرتا ۔یہ اس بندے کے قرب اور درجہ کے اظہار کیلئے ہو تاہے۔ اور وہ اگر کوئی اور دعا کرنے لگے تو خدا تعالیٰ اس کے دل اور دماغ پر ایسا تصرف کر لیتاہے کہ اس کے منہ سے وہ کلمات ہی نہیں نکلتے جو وہ نکالنا چاہتا تھا بلکہ ایسے کلمات نکلتے ہیں جو قبول ہونے والے ہوتے ہیں۔ تو ایسے انسانوںکے دعا کرنے کے دوطریق ہو تے ہیں۔ ایک تو یہ کہ اللہ تعالیٰ کی طرف سے الہام یا کشف یا وحی یا رئویا کے ذریعہ سے انہیں بتا دیا جاتا ہے کہ یہ دعا ما نگو۔ دوسرا یہ کہ اگر وہ کوئی ایسی دعا ما نگنے کی نیت کرے جو قبول نہ ہونے والی ہو تو خداتعالیٰ کی طرف سے ایسا تصرف ہو تاہے کہ ان کی نیت بالکل بدل جاتی ہے اور یہ خواہش ہی بالکل جاتی رہتی ہے کہ دعا کرے پھر جو الفاظ اور جو طریق اُس دعاکے کرنے کے لئے اس کے مد نظر ہو تا ہے وہ بھو ل جاتا ہے اور زبان سے خدا کی طرف سے بنے بنائے الفا ظ جا ری ہو جا تے ہیں جس سے خود بھی حیران رہ جا تا ہے کہ میں کہنا کیا چاہتا تھا اور کہہ کیا رہا ہوں۔ اس قسم کی دعا میں وسعت بھی بہت زیادہ ہوتی ہے اتنی کہ دو دو گھنٹے گزرجاتے ہیں مگر انسان سمجھتاہے کہ کوئی پانچ چھ منٹ ہو ئے ہو نگے ۔وقت گزرتے ہوئے بھی پتہ نہیں لگتا کیو نکہ وہ ایسا محو ہوتاہے کہ اس دنیا سے اُس کا دل و دماغ بالکل کھنچ جا تاہے اور صرف خدا ہی خدا اسے نظر آتاہے مگر یہ کوئی ایساطریق نہیں ہے جس کے متعلق ہر ایک انسان کو کہہ دیا جائے کہ اس طرح کیا کروکیونکہ یہ مرتبہ سے تعلق رکھتا ہے جس کا پانا کسی انسان کے اپنے اختیار میں نہیں ۔پس جبکہ یہ انسانی اختیار میں ہی نہیں تو اِس پر عمل کرنا یا کرسکنے کے کیا معنی ؟اِس لئے میں یہ طریق بھی نہیں بتائو ں گابلکہ وہ بتائو ں گا جس میںبندے کا اختیار اور تصرف ہو لیکن اِس سے یہ نہیں ہو گا کہ ساری کی ساری دعائیں قبول ہو جا تی ہیں بلکہ یہ کہ زیادہ قبول ہوتی ہیں ۔
پس سب سے پہلا طریق جو میںبتا نا چاہتا ہوں وہ اِسی آیت میں ہے جو میںنے ابھی پڑھی ہے ۔اللہ تعالیٰ فرماتاہے میرے بندے جب میری نسبت سوال کریں یعنی کہیں کہ خد ا کس طرح دعا قبول کرتا ہے؟ تو کہو میں سب سے بہترمدعا کو پو راکرسکتاہوں کیونکہ میری ایک صفت یہ بھی ہے کہ میں ہر ایک چیز کے قریب ہوں دعا کرنے والے کے بھی اور جس مدعا کے لئے دعاکی جائے اُس کے بھی۔
یہاں ایک سوال ہو سکتا ہے اور وہ یہ کہ ہر ایک قریب ہونے والا تو فائدہ نہیںاُٹھا سکتا۔ ایک چپڑاسی بادشاہ کے دربار میں جا تاہے لیکن وہ ایسا نہیں کر سکتا کہ کسی کرسی پر بیٹھ سکے۔ اسی طرح چَتر ؎۲ ؎۲ اُٹھا نے والا وزیر سے بھی زیادہ بادشاہ کے قریب بیٹھا ہو تاہے مگر کیا وہ وزیر کی کرسی پر بیٹھنے کی جرأت کر سکتاہے؟ ہر گز نہیں ۔تو انسان کے خدا کے نزدیک ہو نے سے یہ تو نہیں ہو سکتا کہ خدا تعالیٰ اس کی دعابھی قبول کرلے گا اور وہ اس وجہ سے فائدہ حاصل کرلے گا ۔اس کے متعلق خدا تعالیٰ نے ایک ایسا گر بتایا ہے جس میں اِس سوال کا جواب بھی آجا تاہے اور جو عام طور پر فطرتِ انسانی میں کام کرتانظر آتاہے اور وہ یہ کہ ۔تم میری ہر ایک بات مان لیا کرو اور جو حکم ہم نے تمہارے لئے بھیجے ہیں اُن پر عمل کرواور اپنی تمام حرکات و سکنات کو شریعت کے ما تحت لے آئو تو پھر تمہاری دعامیں قبولیت بہت بڑھ جائے گی۔ کیوں؟ اس لئے کہ خادم کو انعام اُس وقت ملا کرتاہے جب کہ آقا خوش ہوتاہے۔ اگر کوئی خادم اپنے آقا کو نا راض کرکے مانگتاہے تو محروم رہتاہے اس طرح کبھی کسی کو انعام نہیں ملا کرتا کیونکہ نا راضگی کا وقت ایسا نہیں ہو تا جبکہ انعام و کرام دیا جائے ۔چھوٹے بچوں کو ہی دیکھ لو اُنہیں کوئی سمجھ نہیں ہو تی لیکن اگر ماں باپ سے کچھ مانگنے آئیں اور انہیں غصہ میں دیکھیں تو چپکے سے ہو کرالگ بیٹھ جاتے ہیں لیکن جب خوشی میں دیکھتے ہیں تو کہتے ہیں کہ یہ چیز لے دو وہ لے دو ۔تو بچے بھی سمجھتے ہیں کہ غصہ میں ہماری بات نہیں ما نی جائے گی۔ اللہ تعالیٰ کی نا راضگی بِلاوجہ نہیں ہو ا کرتی اسی وقت ہوتی ہے جبکہ اُس کے احکام کی خلاف ورزی کی جائے ۔
پس دعامیں قبولیت حاصل کرنے کا ایک رنگ یہ ہے کہ انسان اپنے اعمال پر غور کرے کہ کوئی فعل اُس سے شریعت کے خلاف تو نہیں ہو گیا۔ہر ایک کام وہ جو کرے شریعت کے ماتحت کرے جب یہ حالت پیدا ہو جائے گی تو اُس کی دعا قبول ہو جائے گی۔ جس طرح ایک محنتی طالب علم جو اچھی طرح سبق یاد کر کے لاتاہو اُستاد کے نزدیک اُس کی بات زیادہ مانی جاتی ہے بہ نسبت اُس لڑکے کے جو یاد کر کے نہ لاتاہو۔ عام طور پر دیکھا جاتاہے کہ اگر طلباء نے چھٹی لینی ہو تو جو لڑکا لائق ہو اُسے اُستاد کے پا س بھیجتے ہیں تاکہ وہ چھٹی مانگے۔اس کی ایک وجہ ہو تی ہے اور وہ یہ کہ طالب علم سمجھتے ہیں کہ اگر ایسے لڑکوں نے چھٹی مانگی جو سکول کاکام اچھی طرح نہیں کرتے تو استاد کہے گا کہ پڑھا ئی سے بچنے کے لئے چھٹی لیتے ہیں اور اگر لائق لڑکے مانگیں گے تو پھر ایسا خیال نہیں کیا جائے گا چونکہ استاد پہلے بھی اُن پر خوش ہوتاہے اِس لئے رخصت دے دے گا۔ خدا تعالیٰ بھی اُسی کی دعا قبول کرتاہے جو اُس کو راضی رکھتاہے اِس لئے فرمایا میرے بندوں کو چاہئے کہ اگر وہ اپنی دعائوں کو قبول کروانا چاہتے ہیں تو میری باتیں مان لیا کریں ۔اگر یہ میر ے احکام کو قبول کریں گے اور ان پر عمل کریں گے تو اس کا نتیجہ یہ ہو گا کہ اُن کی دعائیں قبول ہو جائیں گی۔ خدا تعالیٰ نے اپنے آپ کو مومن کا ولی قرار دیا ہے۔ حضرت مسیح موعودعلیہ الصلوٰۃ والسلام فرمایا کرتے تھے ۔دوست اسے نہیں کہتے جو ہر ایک بات مان لے بلکہ اسے کہتے ہیں جو کچھ مانے اور کچھ منوائے۔ ۳؎ اللہ تعالیٰ اپنے آپ کو مومن کا ولی فرماتاہے جس کا مطلب یہ ہے کہ بہت سی باتیں بندہ کی میں مان لیتا ہوں اور بہت سی اُسے ماننی چاہئیں۔خدا فرماتاہے کہ جو مجھے پکارتاہے میں اُسکی دعاقبول کرتاہوں مگر اس کے قبول ہونے کا طریق یہ ہے کہ کہ وہ بھی میری باتیں قبول کرے ۔وہ میرے احکام کو مانے پھر اسے جو تکلیفیں اور مصیبتیں پیش آئیں گی اُن کو میں دور کروں گا ۔گویا خدا تعالیٰ ایک عہد کرتاہے کہ تم میری باتیں مانو میں تمہا ری مانوں گا ۔تو دعا کے قبول ہو نے کا یہ پہلا گر خدا تعالیٰ نے اس آیت میں بتا دیا ہے۔
دوسرا گُر بھی اِسی آیت میں ہے اور وہ یہ کہ فرمایا اگر میرے بندے دعا قبول کروانا چاہتے ہیں تواِس کا دوسرا طریق یہ ہے کہ مجھ پر ایمان بھی لائیں ۔ بظاہر معلوم ہوتاہے کہ یہ زائد الفاظ ہیں کیونکہ جو شخص اللہ تعالیٰ کی تمام باتیں مانے گا ضرور ہے کہ وہ ایمان بھی لائیگا اور جو ایمان نہیں لائے گا وہ مانے گا بھی نہیں ۔مثلاًجو نماز پڑھے گا ، روزے رکھے گا، زکوٰۃ دے گا ،حج کرے گا ،وہ یو نہی نہیں کرے گا اور نہ ہی رسمی طور پر ۔کیونکہ رسمی طور پر کرنے کی خدا تعالیٰ نے پہلے ہی نفی فرما دی ہے کیونکہ پہلے یہ نہیں فرمایا کہ اگر تم شریعت کے حکموں پر عمل کرو گے تو میں تمہا ری دعا قبول کروں گا بلکہ لفظ ہی ایسا رکھا ہے جو شریعت پر عمل کرنا بھی ظاہر کر دیتا ہے اور رسم کے طور پر عمل کرنے کا ردّ بھی کر دیتاہے ۔یعنی استجابت۔ اس کے معنی ہیں کہ ایک طرف سے آواز آئے اور دوسرا اس کو قبول کر کے اس پر عمل کرے ۔ نہ کہ کسی کے اپنے نفس میں رحم اور سخاوت ہے تو وہ بھی اس کا مصداق ہو سکے اور نہ ہی رسمی یا عادت کے طو ر پر کام کرنا اس میں داخل ہو سکتاہے کیو نکہ خدا تعالیٰ نے فرمایا کہ جو میری آواز سنے اور اس پر عمل کرے اس کی دعا قبول ہو گی۔اس طرح ایک نا قص ایمان والا شخص جو رسمی طور پر شریعت کے احکام پر عمل کرتا ہے یا ایک دہریہ جو یو نہی لو گوں کے ڈر سے نما ز پڑھ لیتاہے داخل نہیں ہو سکتا ۔پھر سوال ہوتاہے کہ کے فرمانے کا کیا مطلب ہوا ؟جب پہلے سے ہی یہ شرط موجود ہے کہ دعا اُس وقت قبول ہو تی ہے جبکہ استجابت ہواور استجابت اُس وقت ہوتی ہے جبکہ ایمان بِاللہ ہو تو پھر ایمان لانے کے کیا معنی؟ استجا بت جب ایمان لانے کے بغیر ہو ہی نہیں سکتی تو پہلے ایمان ہو نا چا ہیے اور بعد میں استجا بت نہ کہ پہلے استجا بت اور بعد میں ایمان اس صورت میں ایک ظاہربیں کو اختلاف نظر آتا ہے لیکن یہ بات غلط ہے۔
یہا ں خدا تعالیٰ پر ایمان لانے سے اُس کی شریعت پر ایما ن لا نا مراد نہیں ہے بلکہ دعا کے قبول ہو نے کا ایک اَور گُر بتایا ہے جس کے نہ سمجھنے سے بہت سے لو گوں نے ٹھو کر کھائی ہے اور ان کی دعائیں ردّ کی گئی ہیں۔ وہ گُر یہ ہے کہ انسان شریعت کے تمام احکام پر عمل کرے اور دعائیں مانگے مگر ساتھ ہی اِس بات پر ایمان بھی رکھے کہ خدا تعالیٰ دعائیں قبول کر تاہے ۔بہت سے لوگ ایسے ہو تے ہیں کہ شریعت کے احکام پر بڑی پا بندی سے عمل کرتے ہیں۔ ان کے دلوں میں خشیتُ اللہ بھی ہو تی ہے ،بڑے خشو ع و خضوع سے دعائیں بھی کرتے ہیں مگر پھر یہ کہتے ہیں کہ فلاں اتنا بڑا کام ہے اس کے متعلق دعا کہاں سنی جا سکتی ہے۔ یا یہ کہتے ہیں کہ ہم گنہگار ہیں ہماری دعا خدا کہاں سنتا ہے اِس قسم کا کوئی نہ کوئی خیال شیطان ان کے دل میں ڈال دیتا ہے جس سے اُن کی دعامیں قبولیت نہیں رہتی ۔اِس نقص سے بچنے کیلئے خدا تعالیٰ نے فرمایا کہ تم اِس با ت پر بھی ایمان رکھو کہ جب تم ہمارے احکام پر اچھی طرح چلو گے تو میں تمہاری دعائیں قبول کر وں گا جب یہ یقین ہو تو پھر دعا قبول ہو تی ہے۔ لیکن اگر کوئی زبان سے دعا تو کرتاہے لیکن اسے یقین نہیں کہ خدا اس کی دعا قبول کرلے گاتو کبھی اس کی دعا قبول نہ ہو سکے گی۔ کیونکہ خدا تعالیٰ بندہ کے یقین پر دعا قبول کرتاہے ۔اگرکسی کو یقین ہی نہ ہو تو لاکھ ماتھا رگڑے، ناک گھساتے گھساتے دَب جائے،حلق بیٹھ جائے کبھی دعاقبول نہیں ہو گی کیونکہ جس کو خدا پر امید نہیں ہوتی اُس کی دعا وہ نہیں سنتا ۔فرماتا ہے۔ ۴؎ اللہ کی رحمت سے کبھی نا امید نہ ہو ۔اللہ کی رحمت سے نا شکرا انسان ہی نا امید ہوتاہے ورنہ جس نے اپنے اوپر خدا تعالیٰ کے اِس قدر نشان دیکھے ہوں جن کو وہ گن بھی نہ سکتا ہووہ ایک منٹ کے لئے بھی یہ خیال نہیں کر سکتا کہ میرا فلاں کام خدا نہیں کرے گا اور فلاں دعا قبول نہیں ہو گی ۔خواہ اس کی کیسی ہی خطرنا ک حالت ہو اور کیسی ہی مشکلات اور مصائب میں گھرا ہوا ہوپھر بھی وہ یہی سمجھتا اور یقین رکھتا ہے کہ خدا تعالیٰ کے ادنیٰ سے ادنیٰ اشارہ سے بھی یہ سب کچھ دور ہو سکتاہے اور خدا ضرور دور کرے گا۔ اور اگر اُسے دعا کرتے کرتے بیس سال بھی گزر جائیں تو بھی یہی یقین رکھتا ہے کہ میری دعا ضائع نہیں جائے گی اور اُس وقت تک دعا کرنے سے باز نہیں رہتاجب تک کہ خدا تعالیٰ ہی منع نہ کردے کہ اب یہ دعا مت کرو ۔گو اس کی دعا قبول نہ ہو لیکن آخر کار خدا تعالیٰ کے کلام کا شرف تو حاصل ہو گیا کہ خدا تعالیٰ نے فرما دیا کہ اب دعا نہ مانگو۔تو جب تک خدا تعالیٰ نہ کہے اُس وقت تک دعاکرنے سے نہیں رُکنا چاہئے۔دعا قبول نہ ہو تو بھی انسان کو یہ نہیںچا ہیے کہ وہ دعا کرنا چھوڑ دے کیونکہ اگر اب قبول نہیں ہوئی تو پھر سہی پھر سہی۔ دوسری دفعہ نہ ہو تو تیسری دفعہ سہی۔ تیسری دفعہ نہ ہو تو چوتھی دفعہ سہی۔ دیکھو بعض اوقات جب بچہ ماں باپ سے پیسہ ما نگتاہے تو اسے نہیں بھی ملتا۔لیکن اُس کے بار بار اصرار پر مل ہی جاتا ہے اِسی طرح انسان کو کرنا چاہئے ۔اگر ایک دفعہ دعاقبول نہ ہو تو دوسری دفعہ سہی ۔حتیٰ کہ کبھی تو ہو ہی جائے گی اِس لئے مانگنے سے نہیں رُکنا چاہئے۔
حضرت مسیح موعود علیہ السلام فرماتے تھے کہ دو قسم کے گداگر ہوتے ہیں ۔ایک وہ جو دروازے پر آکر مانگنے کیلئے جب آواز دیتے ہیں تو کچھ لئے بغیر نہیں ٹلتے ان کو نر گدا کہتے ہیں۔ اور دوسرے وہ جو آکر آواز دیتے ہیں اگر کوئی دینے سے انکا ر کردے تو اگلے دروازے پر چلے جا تے ہیں ان کو خر گدا کہتے ہیں ۔آپ ؑ فرماتے کہ انسان کو خدا تعالیٰ کے حضور خر گدا نہیں بننا چاہئے نر گد ا ہونا چاہئے اور اُس وقت تک خدا کی درگاہ سے نہیں ہٹنا چاہئے جب تک کچھ مل نہ چکے ۔اس طرح کرنے سے اگر دعا قبول نہ بھی ہونی ہو تو خدا تعالیٰ کسی اور ذریعہ سے ہی نفع پہنچا دیتاہے ۔ پس دوسرا گر دعا کے قبول کروانے کا یہ ہے کہ انسان نر گدا بنے نہ کہ خرگدا اور سمجھ لے کہ کچھ لیکر ہی ہٹنا ہے خواہ پچاس سال ہی کیوں نہ دُعا کرتارہے یہی یقین رکھے کہ خدا میری دعا ضرور سنے گا۔یہ خیا ل بھی اپنے دل میں نہ آنے دے کہ نہیں سنے گا ۔اگرچہ جس کام یا مقصد کے لئے وہ دعا کرتاہو وہ بظاہر ختم شدہ ہی کیوں نہ نظر آئے پھر بھی دعا کرتا ہی جائے۔
لکھا ہے ایک بزرگ ہر روز دعا مانگا کرتے تھے ۔ایک دن جبکہ وہ دعاما نگ رہے تھے ان کا ایک مرید آکر ان کے پاس بیٹھ گیا ۔اُس وقت اُن کو الہام ہو ا جو اِس مرید کو بھی سنا ئی دیا لیکن وہ ادب کی خاطر چپکا ہو رہا اوراس کے متعلق کچھ نہ کہا ۔دوسرے دن جب انہوںنے دعا مانگنی شروع کی تو وہی الہام ہو ا جسے اس مرید نے بھی سنا ۔اس دن بھی وہ چپ رہا۔ تیسرے دن پھر وہی الہام ہو ا اس دن اس سے نہ رہا گیا اس لئے اس بزرگ کو کہنے لگا کہ آج تیسر ا دن ہے میں سنتا آرہا ہوںہر روز خدا تعالیٰ آپ کو فرماتاہے کہ میں تمہا ری دعا قبول نہیں کروں گا۔جب خدا تعالیٰ نے یہ فرما دیا ہے تو پھر آپ کیوں کرتے ہیں جانے دیں۔ انہوںنے کہا۔نادان!تو تو صرف تین دن خدا کی طرف سے یہ الہام سن کر گھبر ا گیا ہے اور کہتاہے کہ جانے دو دعا ہی نہ کرومگر مجھے تیس سال ہو ئے ہیں یہی الہام سنتے ہوئے لیکن میں نہیں گھبرایا اور نہ ناا مید ہوا ہوں۔ خدا تعالیٰ کا کام قبول کرنا ہے اور میرا کام دعا ما نگناہے توخواہ مخواہ دخل دینے والا کون ہے؟ وہ اپنا کام کر رہا ہے میں اپنا کر رہا ہوں۔ لکھا ہے۔ دوسرے ہی دن الہام ہو ا کہ تم نے تیس سال کے عرصہ میں جتنی بھی دعا ئیں کی تھیں ہم نے وہ سب قبول کر لی ہیں۔ تو اللہ تعالیٰ سے کبھی نا امید نہیں ہو نا چا ہیے۔نا امید ہونے والے پر اللہ تعالیٰ کا غضب بھڑک اُٹھتا ہے۔ جو شخص نا امید ہو تاہے وہ سوچے کہ کو نسی کمی ہے جو اس کے لئے خدا نے پو ری نہیں کی۔ کیسے کسیے فضل اور کیسے کیسے انعام ہو ئے اور ہو رہے ہیںپھر آئندہ نا امید ہونے کی کیا وجہ ہے۔
پس دعا مانگنے کا ایک طریق تو یہ ہے کہ انسان اپنے تمام اعمال کو شریعت کے مطابق کرے کیوں؟ اس لئے کہ جس طرح ماں باپ بھی اُسی بچے کی باتیں مانتے ہیں جو اُن کی مانے اور پوری پوری فرما نبرداری کرے ۔ جو اُن کی باتوں کی پرواہ نہیں کرتا اُسکی باتوں کی وہ بھی نہیںکرتے ۔پھر اُستا د اُسی لڑکے کی بات مانتاہے جو محنتی اور اچھی طرح سبق یا د کرنے والا ہو اِسی طرح خدا تعالیٰ بھی اپنے فرمانبردار بندوں کی نافرمان بندوں سے زیادہ مانتاہے۔پس تم لوگ اوّل تو اپنے اعمال کو شریعت کے مطابق بنائو اور دوسرے یہ کہ خدا کے فضل اور رحمت سے کبھی مایوس نہ ہوبلکہ دعا کرتے وقت یہ پختہ یقین رکھو کہ خدا تعالیٰ تمہا ری دعا ضرور سنے گااور ضرور سنے گا۔ اور اُس وقت تک دعا کرتے رہو کہ خداکی طرف سے یہ حکم نہ آجائے کہ اب یہ دعا مت مانگو۔ لیکن جب تک خدا تعالیٰ یہ کسی کو نہیں کہتابلکہ یہ کہتا ہے کہ میں تمہا ری دعا قبول نہیں کرتا اُس وقت تک ہر گز ہر گز باز نہ رہوکیونکہ خدا تعالیٰ کا یہ کہنا کہ میں تمہا ری دعا قبول نہیں کرتا گویا اشارۃًیہ کہنا ہے کہ اے میرے بندے! تو مانگتا جا۔ میں گو اِس وقت قبول نہیں کرتا لیکن کسی وقت کرضرور لوں گا ۔ورنہ اگر اِس کہنے سے یہ مراد نہ ہو تی بلکہ دعا کرنے سے روکنا ہوتا تو خداتعالیٰ یہ کہہ سکتا تھا کہ’’ یہ دعا مت مانگ‘‘ نہ یہ کہ ’’میں نہیں مانوں گا‘‘۔پس جب تک کان میں یہ الفاظ نہ پڑیں کہ ’’یہ دعا مت مانگ اس کے ما نگنے کی میں تمہیں اجا زت نہیں دیتا ۔‘‘اُس وقت تک نہیں رُکنا چاہئے۔ اِس طرح تو اُن کو مطلع کیا جا تا ہے جنہیں الہام اور کشف کا رُتبہ حاصل ہوتاہے اور جنہیں یہ نہ ہو اُن کو اِس بات سے متنفر کر دیا جا تا ہے جس کے متعلق وہ دعا کرتے ہیں۔
جن پر الہا م اور وحی کا دروازہ کھلا ہو تا ہے اُن کو تو خدا کہہ دیتا ہے کہ ایسا مت کرو لیکن جن کیلئے نہیں ہو تا اُن کے دل میں نفرت پیدا کر دی جا تی ہے اس لئے وہ خود ہی اس دعا کے مانگنے سے بازرہ جاتے ہیں۔ اس کا نام ما یوسی نہیں بلکہ ان کا تو یہ یقین ہو تاہے کہ خدا تعا لیٰ ہمارا فلاں مقصد پورا کر سکتاہے اور ہمیں فلاں چیز دے سکتاہے لیکن ہم خود ہی اسے نہیںلینا چاہتے۔ پس اگر کسی کے دل میں دعا مانگتے ہو ئے اس چیز سے نفر ت پیدا ہو جائے تو اسے بھی دعا کرنا چھوڑ دینا چاہئے ورنہ نہیں رُکنا چاہئے خواہ قبولیت میں کتنا ہی عرصہ کیوں نہ لگ جائے ۔ بعض دفعہ دعا کرتے کرتے کچھ ایسے سامان پیدا ہو جا تے ہیں کہ اگر دعا قبول ہو جائے تو اس سے شریعت کا کوئی حکم ٹو ٹتا ہے اس سے بھی سمجھ لینا چاہئے کہ وہ وقت آگیا ہے کہ اس دعا سے باز رہنا چاہئے۔ خدا تعالیٰ کے دعا کو قبول کرنے سے انکار کرنے کا یہ بھی ایک طریق ہے ۔یعنی بجائے قول کے خدا تعالیٰ کا فعل سامنے آجاتاہے اس لئے اس کے کرنے سے رُک جا نا چاہئے۔ تو دعا کرنے سے رُکنے کے تین پہلو ہیں ۔
اوّل یہ کہ الہام یا کشف ہو جائے کہ یہ دعا مت کرو۔ یا ہماری طرف سے اس کے کرنے کی اجازت نہیں ہے۔
دوم یہ کہ جس مقصد کے حصول کے لئے دعاکی جائے اس سے نفرت پید ا ہوجائے ۔
سوئم یہ کہ جس مقصد کیلئے دعا کی جائے وہ شریعت کے محذورات کے ساتھ وابستہ ہوجائے۔
اگر اِن تینوں حالتوں میں سے کوئی حالت بھی نہ ہو تو دعاکرنے سے کبھی نہیں رُکنا چاہئے اور کبھی مایوس نہیں ہو نا چاہئے بلکہ یہی سمجھنا چاہئے کہ خداتعالیٰ نے مجھے یہ جو مانگنے کا موقع دیا ہو ا ہے اِس میں مانگتاہی جائو نگا تاکہ یہ ضائع نہ ہو جائے۔ جب کوئی اس طرح کرے گا توضرور ہے کہ خدا تعالیٰ اُس کی دعا یا تو قبول کرلے گایا ان تینوں طریقوں میں سے کسی سے اُسے روک دے گا(ان تینوں کے علاوہ ابھی تک اور کوئی روک میری سمجھ میں نہیں آئی) لیکن اگر روک بھی دے تو کیا دعا مانگنے کا یہ تھوڑا فائدہ اور نفع ہے کہ خداوند تعالیٰ کے سا تھ مکالمہ و مخاطبہ کا شرف حاصل ہو گیا اور خدا تعالیٰ نے اُسے اِس قابل سمجھا کہ مخاطب کرے۔ آج میں دعا کے قبول ہونے کے صرف یہی دو طریق بتاتاہوں۔ اَور بھی ہیں مگر وقت تنگ ہو رہا ہے اگر خداتعالیٰ نے توفیق دی تو اگلے جمعہ میں ان کو انشاء اللہ بیا ن کردوں گا۔‘‘ (الفضل۲۹؍جولائی۱۹۱۶ئ)
۱؎ البقرہ: ۱۸۷
۲؎ چَتر: بڑی چھتری،چَترشاہی: بادشاہی چھتری
۳؎ حقیقۃ الوحی صفحہ ۲۱۔ روحانی خزائن جلد ۲۲
۴؎ یوسف: ۸۸
۲۴
قبولیت دعا کے طریق
(فرمودہ ۲۸؍ جولائی ۱۹۱۶ئ)
تشہّد، تعوّذ اور سورۃ فاتحہ کے بعد حضور نے مندرجہ ذیل آیت کی تلاوت کی:۔
؎۱
پھرفرمایا:۔
’’بہت سی باتیں بظاہر ہلکی اور چھوٹی نظر آتی ہیں اور جن لوگوں نے ان کے فوائد سے محروم رہنا ہوتا ہے وہ ان کو بے حقیقت اور معمولی سمجھ کر ان پر سے اندھوں کی طرح گذر جاتے ہیں لیکن ان پر عمل کرنے سے بہت بڑے اور اعلیٰ درجہ کے نتائج پیدا ہوتے ہیں۔ دیکھو سارے پڑھے لکھے آدمی خط لکھتے ہیں لیکن سب کا خط خوبصورت نہیں ہوتا۔ لکھنے والی قلم، سیاہی اور کاغذ ایک ہی طرح کا ہوتا ہے پھر ہاتھ بھی ایک ہی ایسا ہوتا ہے، وہی پانچوں اُنگلیاں سب کی ہوتی ہیں جو ایک خوشنویس کی ہوتی ہیں۔ ایک ہی طرح کے گوشت، ہڈیوں اور نسوں سے بنی ہوتی ہیںمگر جب ایک لکھتا ہے تو ایسا خوبصورت کہ دیکھنے والے کی طبیعت خوش ہوجاتی ہے اور جب دوسرا لکھتا ہے تو ایسا کہ دیکھنے والے کی طبیعت مکدر ہو جاتی ہے۔ دونوں خطوں میں بڑا فرق ہوتا ہے اور دونوں کا اپنے اپنے رنگ میں بڑا اثر پڑتا ہے۔ میں نے دیکھا ہے اعلیٰ اور عمدہ خط کی طرف انسان کی طبیعت خود بخود کھنچتی ہے گو میرا اپنا خط کوئی ایسا اچھا نہیں لیکن میری ڈاک میں جو خط اچھے لکھے ہوتے ہیں اُن کو میں پہلے پڑھتا ہوں تا کہ آسانی سے پڑھ سکوں اور جو مشکل سے پڑھے جاتے ہیں اُن کو بعد میں پڑھتا ہوں تو خوبصورت خط کا ایک فوری اثر ہوتا ہے لیکن جانتے ہو خط کی خوبصورتی کہاں سے آتی ہے؟ اگر کہو ہاتھ سے تو ہاتھ تو سب کے ہوتے ہیں۔ اگر کہوقلم سے تو قلم بھی سب کے پاس ہوتی ہے۔ اگر کہو سیاہی سے تو سیاہی بھی ہر ایک رکھتا ہے اوراگر کہو کاغذ سے توکاغذ بھی ہر ایک کے پاس ہوتا ہے پھر وہ کیا چیز ہے جس کی موجودگی ایک کے خط کو بہت عمدہ اور خوبصورت بنا دیتی ہے اور جس کی عدم موجودگی دوسرے کے خط کو بدصورت اور بدنما بنا دیتی ہے؟ یہ دراصل ایک معمولی سی حرکت اور خفیف سا پیچ ہوتا ہے اگر اس کے متعلق کوئی خوشنویس بتائے تو سننے والا حیران ہو کر کہہ دے گا کہ کیا اِس ذرا سی حرکت کے نتیجہ میں ایسا اعلیٰ نتیجہ ہو جاتا ہے لیکن دراصل بات تو یہی ہے کہ نہایت خفیف سی حرکت کا یہ نتیجہ ہوتا ہے کہ بہت خوبصورت خط ہوتا ہے اور اسی کی کمی سے بڑا بدصورت نظر آتا ہے۔ اس حرکت کو جاننے والے بڑے بڑے اعلیٰ درجہ کے خوشنویس گذرے ہیں۔ ہندوستان میں ایک خوشنویس تھا جب کوئی فقیر اُس کے پاس مانگنے کے لئے آتا اور وہ اُس پر مہربان ہوتا تو اُسے ایک حرف لکھ کر دے دیتا۔ اُس کا ایک حرف آسانی سے ایک روپیہ کو بِک جاتا۔ جس طرح آجکل قطعے نمائش کے لئے لگائے جاتے ہیں اِسی طرح اُس کے ایک ایک حرف کو زینت کے طور پر لوگ لگاتے تھے لیکن اس میں کوئی نئی چیز نہیں تھی۔ صرف ہاتھ کی حرکت ہی تھی جو اس کے خط کو خوبصورت کر دیتی تھی۔ اِس کو اگر وہ بیان کرتا تو ہر ایک اس بات کو نہ سمجھ سکتاکہ اتنی سی معمولی حرکت سے ایسا خوبصورت حرف کس طرح لکھا جا سکتا ہے لیکن خوبصورتی کا باعث وہی حرکت تھی۔
تمام پیشوں کا یہی حال ہے ایک ہی لکڑیاں چیرنے والا آرہ اور ایک ہی طرح کے سب آدمی ہوتے ہیں مگر ایک کی بنائی ہوئی چیز ایسی عمدہ ہوتی ہے کہ انسان اُس کی طرف سے آنکھیں نہیں ہٹانا چاہتا اور دوسرے کی ایسی ہوتی ہے کہ دیکھ کر منہ پھیر لیتا اور کہتا ہے کہ اس نے تو لکڑی کو ہی خراب کر دیا ہے اِن دونوں کی بنائی ہوئی چیزوں میں اتنا بڑا فرق پیدا کرنے والی بھی ایک حرکت ہی ہوتی ہے۔ جسے اگر بیان کیا جائے تو سننے والا حیران رہ جائے کہ یہ اس بات کا موجب کس طرح ہو سکتی ہے۔ اِسی طرح کھانا پکانے والے ہیں ایک ایسا اعلیٰ درجہ کا پکاتا ہے کہ اگر انسان کو بھوک نہ بھی ہوتو بھی دیکھ کر اشتہاء پیدا ہو جاتی ہے اور ایک ایسا پکاتا ہے کہ اگر سخت بھوک لگی ہوئی ہو تو بھی کھانا دیکھ کر بند ہو جاتی ہے۔ اگر اس اچھا کھانا پکانے والے سے پوچھا جائے کہ تم نے کس طرح پکایا ہے ؟تو یہ نہیں ہوگا کہ وہ ترکیبوں اور احتیاطوں کے کوئی دو تین صفحے لکھا دے گا بلکہ یہی کہے گا کہ جس طرح سب لوگ پکاتے ہیں اُسی طرح میں نے بھی پکایا ہے میں کوئی نئی ترکیب تو نہیں جانتا۔ یا اگر زیادہ کرے گا تو یہ کہہ دے گا کہ نمک مرچ اس طرح ڈالتا ہوں، مسالہ اس طرح بھونتا ہوں، آگ اِس قد رجلاتا ہوں وغیرہ۔ ان باتوں کو سن کر پوچھنے والا سمجھے گا کہ یہ مجھ سے دھوکا کر رہا ہے اور اصل بات نہیں بتاتا۔ اس طرح تو میں پہلے ہی کرتا ہوں لیکن اصل اور درست بات وہی ہوتی ہے جو وہ بتا رہا ہوتا ہے۔ یہی حال عمارت بنانے والوں کا ہے۔ یہی علم پڑھانے والوں کا۔ ایک مدرّس کی بات بہت کم طالب علم سمجھتے ہیں لیکن دوسرے کی ہر ایک سمجھ جاتا ہے اس کو بیان کرنے کی ایک معمولی مشق ہوتی ہے اسے اگر وہ بیان کرے تو لوگ بہت معمولی سمجھیں اِسی طرح اور کئی باتوں کو معمولی سمجھا جاتا ہے لیکن یہی معمولی باتیں بہت بڑے نتائج پیدا کرنے کا موجب ہو جاتی ہیں۔
حضرت مسیح موعود علیہ السلام سے میں نے سنا۔ آپ کسی عورت کا قصہ بیان فرماتے کہ اُس کا ایک ہی لڑکا تھا وہ لڑائی پر جانے لگا تو اُس نے اپنی ماں کو کہا کہ آپ مجھے کوئی ایسی چیز بتائیں جو میں اگر واپس آؤںتو تحفہ کے طور پر آپ کے لئے لیتا آؤں اور آپ اُسے دیکھ کر خوش ہو جائیں۔ ماں نے کہا اگر تو سلامت آ جائے تو یہی بات میرے لئے خوشی کا موجب ہو سکتی ہے۔ لڑکے نے اصرار کیا اور کہا آپ ضرور کوئی چیز بتائیں۔ ماں نے کہا اچھا اگر تم میرے لئے کچھ لانا ہی چاہتے ہو تو روٹی کے جلے ہوئے ٹکڑے جس قدر زیادہ لا سکو لے آنا، میں انہی سے خوش ہو سکتی ہوں۔ اُس نے اِس کو بہت معمولی بات سمجھ کر کہا کہ کچھ اور بتائیں لیکن ماں نے کہا بس یہی چیز مجھے سب سے زیادہ خوش کر سکتی ہے۔ خیر وہ چلا گیا۔ جب وہ روٹی پکاتا تو جان بوجھ کر اُسے جلاتا تا جلے ہوئے ٹکڑے زیادہ جمع ہوں۔ روٹی کا اچھا حصہ تو خود کھا لیتا اور جلا ہوا حصہ ایک تھیلے میں ڈالتا جاتا۔ کچھ مدت کے بعد جب گھر آیا تواُس نے جلے ہوئے ٹکڑوں کے بہت سے تھیلے اپنی ماں کے آگے رکھ دیئے۔ وہ یہ دیکھ کر بہت خوش ہوئی۔ اُس نے کہا اماں! میں نے آپ کے کہنے پر عمل تو کیا ہے مگر مجھے ابھی تک معلوم نہیں ہوا کہ یہ بات کیا تھی؟ ماں نے کہا اُس وقت جبکہ تم گئے تھے اِس کا بتانا مناسب نہ تھا اب میں بتاتی ہوں اور وہ یہ کہ بہت سی بیماریاں انسان کو نیم پختہ کھانا کھانے کی وجہ سے لاحق ہو جاتی ہیں میں نے جلے ہوئے ٹکڑے لانے کے لئے اِس لئے کہا کہ تم ان ٹکڑوںکیلئے روٹی کو ایسا پکاؤ گے کہ وہ کسی قدر جل بھی جائے گی۔ جلی ہوئی کو رکھ دو گے اور باقی کھا لو گے اِس سے تمہاری صحت بہت اچھی رہے گی چنانچہ ایسا ہی ہوا۔
یہ کیا چھوٹی سی بات تھی لیکن درحقیقت اس کے بچہ کو بچانے کا موجب ہوگئی۔ سپاہی چونکہ جلدی جلدی کھانا پکا کر کھا لیتے ہیں اور اس طرح اکثر کچا رہتا ہے اِس لئے اُنہیں پیچش اور محرقہ وغیرہ امراض اکثر لاحق رہتی ہیں۔ اُس کی ماں نے ایسی بات بتائی جو بظاہر تو بہت معمولی تھی مگر جب اُس نے اِس پر عمل کیا تو بہت بڑا فائدہ اُٹھایا یعنی اِس سے اُس کی صحت سلامت رہی۔
یہ میں نے تمہید کیوں بیان کی ہے؟ اس لئے کہ جو کچھ میں نے پچھلے جمعہ کو بیان کیا تھا اور جو آج کرنے لگا ہوں وہ بظاہر سننے میں بہت معمولی معلوم ہوا ہوگا۔ اگر وہ ایسا ہی معمولی ہے جیسا کہ میں نے بتایا ہے کہ خوبصورت لکھنے والے، عمدہ اشیاء بنانے والے، اعلیٰ کھانا پکانے والے کے ہاتھ کی حرکت ہے۔ عام لوگ سمجھتے ہیں کہ جن کی دعائیں قبول ہوتی ہیں وہ کوئی خاص گر جانتے ہیں حالانکہ اصل بات یہ ہے کہ ان کے پاس بھی وہی گر ہوتا ہے مگر وہ استعمال نہیں کرتے اس لئے ان کی دعائیں ردّ کی جاتی ہیں اور جو استعمال کرتے ہیں ان کی قبول ہوتی ہیں۔ پس تم لوگ ان کو معمولی نہ سمجھو وہ گو معمولی نظر آتی ہیں مگر نتائج اعلیٰ رکھتی ہیں۔ جب تم ان باتوں کو سنو گے جو اَب میں سنانا چاہتا ہوں تو کہو گے کہ یہ معمولی باتیں ہیں ان کو ہم بھی جانتے ہیں مگر جاننا اَور بات ہے او رعمل کرنا اَور بات۔ غیر احمدی کہا کرتے ہیں کہ مرزا صاحب مسیح موعود ہو کر کیا آئے جس دن سے آئے ہیں اُسی دن سے لوگوں پر ہلاکت اور تباہی آ رہی ہے۔ ہم کہتے ہیں ان کا آنا ہلاکت اور تباہی سے نہیں بچا سکتا بلکہ ان کا ماننا بچاتا ہے۔ پس ہمیں یہ بتایا جائے کہ کتنوں نے آپ کو مانا ہے؟ جب آپ کو مانتے نہیں تو پھر تباہیوں سے کس طرح بچیں۔ تو کسی بات کا جاننا یا زبانی ماننا اُس وقت تک کوئی فائدہ نہیں دیتا جب تک کہ اُس پر عمل نہ کیا جائے۔
گذشتہ جمعہ میں میں نے دعا کے قبول ہونے کے لئے دو باتیں بتائی تھیں۔ ان میں سے ایک یہ تھی کہ انسان اپنے اعمال میں پاکیزگی پیدا کرے اور خداتعالیٰ کے ہر ایک حکم کو بجا لائے۔ کیوں؟ اس لئے کہ جس سے انسان خوش ہوتا ہے اُس کو انعام دیتا ہے اِسی طرح جس پر خداتعالیٰ خوش ہوتا ہے اُسی پر انعام کرتا ہے۔ اس طریق کو سن کر بعض لوگ کہہ دیں گے کہ یہ تو ایک بڑی بات ہے ہمیں پہلے اپنے اعمال کی درستی کے لئے ہی دعا کی ضرورت ہے کیونکہ دعا تو تب قبول ہوگی جب کہ اعمال درست ہوں گے اور اعمال اُس وقت تک درست نہیں ہو سکتے جب تک کہ خداتعالیٰ ہماری دستگیری نہ کرے اس لئے کوئی ایسی بات بتاؤ جس پر عمل کرنے سے ہمارے جیسے کمزور ایمان اور کمزور اعمال والے انسانوں کی دعائیں بھی قبولیت کا شرف حاصل کر سکیں کیونکہ ہم کو بہ نسبت دوسروں کے بہت زیادہ ضرورت ہے تا کہ ہمارے اعمال دعا کے ذریعہ درست اور مضبوط ہوں اور ہمیں کامل ایمان حاصل کرنے کی توفیق ملے۔ اس کے لئے میں آج چند ایسی باتیں بھی بیان کرتا ہوں جن کو ہر ابتدائی حالت والا انسان عمل میں لا سکتا ہے اور گو وہ معمولی نظر آتی ہیں لیکن درحقیقت بہت بڑی ہیں اور ان سے بڑے بڑے نتائج پیدا ہوتے ہیں۔
ان میں سے ایک بات تو وہ ہے جو گزشتہ خطبہ میں میں نے بتائی تھی کہ انسان دعا کرتے ہوئے اِس بات پر کامل ایمان رکھے کہ میں خدا کے حضور سے کبھی ناامید نہیں ہوں گا اور کبھی تہی دست نہیں پھروں گا لیکن اگر کوئی انسان دعا تو کرتا ہے مگر اس کا دل کہتا ہے کہ تیری دعا قبول نہیں ہوگی تو واقعہ میں اُس کی دعا قبول نہیں ہوگی اس لئے ہر ایک انسان اس یقین سے دعا مانگے کہ خداتعالیٰ ضرور سنے گا اور قبول کرے گا۔
دوسری بات یہ ہے کہ ہم انسانوں میں دیکھتے ہیں کہ ان کے جو پیارے ہوتے ہیں ان سے جو نیک سلوک کرتا ہے وہ بھی ان کی نظروں میں پیارا معلوم دینے لگ جاتا ہے۔ مثلاً اگر کوئی ایک بچہ کو ہلاکت سے بچائے تو اس بچہ کے ماں باپ اس کے شکر گزار ہوں گے اور اسے یہ نہیں کہیں گے کہ تو نے بچہ کو بچایا ہے نہ کہ ہم کو کہ ہم تیرے مشکور ہوں۔ تو یہ محبت کا تقاضا ہے کہ جو چیز کسی کی محبوب ہوتی ہے تو جب اُس کو کوئی فائدہ پہنچائے یا اُس کی نسبت کوئی اچھی بات کہے تو محب کے دل میں اس کی بھی محبت پیدا ہو جاتی ہے۔ یہی گر دعا میں بھی انسان استعمال کر سکتا ہے۔ اللہ تعالیٰ کو اس سے بہت زیادہ محبت انسانوں سے ہوتی ہے جو بندوں کو بندوں سے ہوتی ہے۔ کیوں؟ اس لئے کہ محبت کی بنیاد تعلق پر ہوتی ہے۔ چونکہ بندوں کا ایک دوسرے کے ساتھ ابتداء کے لحاظ سے بھی اور انتہاء کے لحاظ سے بھی عارضی تعلق ہوتا ہے اس لئے ان کی محبت خواہ کتنی ہی زیادہ ہو پھر بھی خدا کی محبت سے مقابلہ نہیں کر سکتی کیونکہ خداتعالیٰ کی محبت دائمی اور ہمیشہ کے لئے ہے۔
ایک جنگ میں آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم تشریف رکھتے تھے کفار کو شکست ہو چکی تھی، صحابہ قیدیوں اور مال اسباب وغیرہ کو جمع کر رہے تھے پکڑ دھکڑ شروع تھی کہ ایک عورت بھاگی بھاگی پھرتی نظر آئی۔ وہ جس بچہ کو دیکھتی اُسے پکڑ کر پیار کرتی اور پھر دیوانہ وار آگے چل پڑتی۔ اسی طرح چلتے چلتے اُسے اپنا بچہ مل گیا جسے اُس نے پکڑ کر چھاتی سے لگا لیا اور آرام سے بیٹھ گئی۔ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے صحابہؓ کو مخاطب کرکے فرمایا۔ کیا تم نے اِس عورت کو دیکھا اپنے بچہ کی محبت سے کس طرح بے تاب ہو رہی تھی۔ اللہ تعالیٰ کو اپنے بندوں سے اِس سے بھی زیادہ محبت اور پیار ہے۔ ؎۲
تو خداتعالیٰ کی محبت انسانوں کی محبت سے بہت زیادہ ہے۔ پس جس طرح اگر کوئی کسی انسان سے محبت کرتا ہے تو اس کے محب کے دل میں اس کی بھی محبت اور اُلفت پیدا ہو جاتی ہے اِسی طرح اللہ تعالیٰ کے بندوں پر اگر کوئی احسان، مروت اور رحم کرے تو اللہ تعالیٰ بھی اُس پر رحم کرتا ہے تو دعاؤں کی قبولیت کا ایک طریق یہ بھی ہے کہ جب کوئی اہم معاملہ درپیش ہو اور اس کے لئے دعا کرنی ہو تو اُس وقت کسی ایسے انسان کے جو کسی قسم کے دکھ اور تکلیف میں ہو دکھ کو دور کیا جائے یا دور کرنے کی کوشش کی جائے۔ جب کوئی شخص خداتعالیٰ کے کسی بندے سے ایسا سلوک کرے گا تو اُس کی وجہ سے خداتعالیٰ اُس کے دکھ کو دُور کر دے گا کیونکہ اس نے اس کے ایک بندہ کا دکھ دور کیا تھا ۔یہ بہت اعلیٰ طریق ہے۔ دعا کرنے سے پہلے کوئی ایسا شخص تلاش کرنا چاہیے جو کسی مصیبت اور تکلیف میں ہو۔ خواہ وہ تکلیف جانی ہو یا مالی۔ عزت کی ہو یا آبرو کی، کسی قسم کی ہو، تم کوشش کرو کہ دُور ہو جائے۔ آگے دُور ہو یا نہ ہو اُس کے تم ذمہ دار نہیں ہو تم اپنی ہمت اور کوشش کے مطابق زور لگا دو اس کے بعد خداتعالیٰ کے حضور جاؤ اور جا کر اپنے مدعا کے لئے دعا کرو۔ اِس طریق کی دعا بہت حد تک قبول ہو جائے گی۔ تم خداتعالیٰ کے کسی بندے کی تکلیف کو دور کرنے کے لئے جس قدر توجہ کرو گے خداتعالیٰ تمہاری تکلیف کو دورکرنے کے لئے اس سے بہت زیادہ توجہ فرمائے گا۔ اور کیا سمجھتے ہو کہ خداتعالیٰ کی توجہ بھی بے نتیجہ ہو سکتی ہے؟ ہرگز نہیں۔ ممکن ہے کہ تم جس انسان کی تکلیف کو دور کرنے کی کوشش کرو اس میں تمہیں کامیابی نہ ہو کیونکہ تم بندے ہو اور کسی بندے کے اختیار میں نہیں کہ جو کچھ کرنا چاہے اس میں کامیاب بھی ہو جائے لیکن خداتعالیٰ کی وہ ذات ہے کہ وہ جس بات کو کرنا چاہے وہ ضرور ہی ہو جاتی ہے اس لئے تم کبھی یہ خیال مت کرنا کہ چونکہ تمہاری کوشش کامیاب نہیں ہوئی اس لئے خداتعالیٰ بھی تمہاری دعا قبول نہیں کرے گا کیونکہ جب خداتعالیٰ تمہارا کام کرنے کاارادہ کرے گا تو وہ ضرور ہو جائے گا۔ وہ ہر چیز کا خالق اور مالک ہے جس طرح چاہتا ہے ان سے کام لے لیتاہے۔ پس تم اِس طریق کو ضرور استعمال کرو۔
اِس کے علاوہ تیسرا طریق یہ ہے کہ وہ انسان جو اس درجہ کو نہ پہنچے ہوں کہ خداتعالیٰ خود انہیں دعائیں سکھائے اور بتائے کہ یہ دعا کرو اور یہ نہ کرو وہ دعا کرنے سے پہلے کثرت سے آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم پر درود بھیجیں۔ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم وہ انسان ہیں جو خداتعالیٰ کے حضور تمام بنی نوع انسان سے زیادہ مقبول ہیں۔ خواہ وہ آپ سے پہلے گذرے یا بعد میں آئے یا آئندہ آئیں گے۔ ہر ایک انسان کی نظر میں اُس کا استاد یا اس کے خاندان کا بزرگ بڑا ہوتا ہے۔
کہتے ہیں کہ رنجیت سنگھ کے مرنے پر بڑا واویلا مچا ہوا تھا پا س ایک چوہڑا گذر رہا تھا اس نے کسی کو کہا اتنی بڑی کیا آفت آ گئی ہے کہ سارا شہر پاگل بنا ہوا ہے اس نے کہا مہاراجہ رنجیت سنگھ مر گیا ہے۔ یہ سن کر وہ ایک ٹھنڈا سانس کھینچ کر کہنے لگا۔ باپو جی جیسے مر گئے تو رنجیت سنگھ کون تھا جو نہ مرتا۔ گویا اُس کے نزدیک باپو جی اتنی حیثیت رکھتے تھے کہ رنجیت سنگھ جو اپنے وقت کا بادشاہ تھا کچھ حقیقت نہ رکھتا تھا۔ یہ اس کے دل میں وہی جذبہ کام کر رہا تھا جو اپنے بزرگوں کی محبت اور اُلفت کا ہر ایک انسان میں ہوتا ہے۔ مذاہب میں بھی یہی بات پائی جاتی ہے۔ دیکھو باوجود اس کے کہ حضرت مسیحؑ، حضرت موسٰی ؑ کے خلفاء میں سے ایک خلیفہ تھے مگر اس محبت اور اُلفت نے جو اپنے استاد یا بزرگ سے ہوتی ہے عیسائیوں کو ایسا مجبور کیا کہ اُنہوں نے ان کو حضرت موسٰی ؑ سے بہت زیادہ بڑھا دیا۔
تو میں نے جو یہ کہا ہے کہ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم اپنے سے پہلے آنے والوں اور اپنے سے بعد میں آنے والوں میں سے سب سے بڑے اور سب سے زیادہ شان رکھنے والے ہیں ان میں میں نے حضرت مسیح موعود علیہ السلام کو بھی شامل کر لیا ہے۔ حضرت مسیح موعود اپنے موجودہ درجہ میں ہوں یا اس سے بھی بڑے درجہ میں تو بھی آپ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کے خادم اور غلام ہی کی حیثیت رکھتے ہیں کیونکہ آپ کا قرب اور درجہ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم ہی کے طفیل ہے اور آپ ہی کی وجہ سے حاصل ہوا ہے۔
میں نے بتایا ہے کہ حقیقی محبت استثناء کرتی ہے یعنی جس سے تعلق ہو اُس کو دوسروں سے بڑھ کر دکھاتی ہے۔ مگر ہم کوجس انسان سے اِس زمانہ میں نور ملا ہے ہم اس کو مستثنیٰ نہیں کرتے اور عَلَی اِلْاعْلَان کہتے ہیں کہ سب انسانوں کی نسبت آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کا مقام اعلیٰ اور ارفع ہے اور آپ ایک ایسے مقام پر ہیں کہ گویا سب سے علیحدہ ہو کر ایک اکیلے نظر آ جاتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ اللہ تعالیٰ نے کلمۂ توحید کے ساتھ آپ کا نام بھی رکھ دیا ہے۔ ایسے انسان کی نسبت جو درود بھیج کر خداتعالیٰ سے برکات چاہتا ہے خداتعالیٰ کی رحمت جوش میں آ کر اُس پر فضل کرنا شروع کر دیتی ہے۔ یہ بات احادیث سے ثابت ہے ۳؎ (وقت کی کمی کی وجہ سے میں یہ نہیں بیان کر سکتا کہ جو طریق میں بیان کر رہا ہوں اس کو میں نے کس آیت اور کس حدیث سے استدلال کیا ہے مگر اتنا بتا دیتا ہوں کہ یہ سب باتیں قرآن کریم اور احادیث سے لی گئی ہیں) تو دعا کے قبول ہونے کے ساتھ درود کا بڑا تعلق ہے۔ وہ انسان جو آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم پر درود بھیج کر دعا کرتا ہے اُس کی ہر ایک ایسے انسان سے بڑھ کر دعا قبول ہوتی ہے جو بغیر درود کے کرے۔
انعام دینے کا یہ بھی ایک طریق اور رنگ ہوتا ہے کہ اپنے پیارے اور محبوب کی وساطت اور وسیلہ سے دیا جائے۔ خداتعالیٰ نے آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کو تمام انعامات کا وارث کرنے اور سب سے بڑا رُتبہ عطا کرنے کے لئے اِس طریق سے بھی کام لیا ہے کہ جو لوگ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم پر درود بھیج کر دعا مانگیں گے اُن کی دعائیں زیادہ قبول ہوں گی۔ دنیا میں کونساانسان ہے جسے خداتعالیٰ کی ضرورت نہیں ہر ایک کو ہے اس لئے ہر ایک ہی اپنی مصیبت کے دور ہونے اور ـحاجت کے پورا ہونے کے لئے خداتعالیٰ سے دعا کرے گا اور جب دعا کرے گا تو اگرچہ وہ پہلے آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم پر درود بھیجنے کا عادی نہ ہوگا لیکن اپنی دعا کے قبول ہونے کے لئے درود بھیجے گا جو آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی ترقی درجات کا موجب ہوگا اور اس طرح اسے بھی انعام مل جائے گا۔ غرض خداتعالیٰ نے اپنے بندوں کی دعائیں قبول کرنے کے لئے ایک بات یہ بھی بیان کی ہے کہ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم پر درود بھیج کر پھر دعا کی جائے اور یہ کوئی ناروا بات نہیں۔ یہ اسی طرح کی ہے کہ جو محبوب سے اچھا سلوک کرتا ہے وہ بھی محب کا محبوب ہو جاتا ہے۔
چوتھا گر یہ ہے کہ انسان خداتعالیٰ کی حمد کرے۔ یہ بھی ایک عام طریق ہے جو اسلام کی تعلیم سے بھی معلوم ہوتا ہے اور فطرتِ انسانی میں بھی پایا جاتا ہے۔ دیکھو فقراء جب کچھ مانگنے آتے ہیں تو جس سے مانگتے ہیں اُس کی بڑی تعریف کرتے ہیں۔ کبھی اُسے بادشاہ بناتے ہیں، کبھی اُس کی بلند شان ظاہر کرتے ہیں ،کبھی کوئی اَور تعریفی کلمات کہتے ہیں حالانکہ جو کچھ وہ کہتے ہیں اُس میں وہ کوئی بات بھی نہیں پائی جاتی مگر مانگنے والا اِس طرح کرتا ضرور ہے اور ساتھ ہی اپنے آپ کو بڑا محتاج اور سخت حاجتمند بھی ظاہر کرتا ہے کیونکہ سمجھتا ہے کہ اس طرح کرنے سے میں اپنے مخاطب کو رحم اور بخشش کی طرف متوجہ کر لوں گا۔ اور اللہ تعالیٰ کی تو جس قدر بھی تعریف کی جائے وہ کم ہوتی ہے کیونکہ وہی سب خوبیاں اپنے اندر رکھتا ہے اور اِسی لئے دوسرے لوگوں کی جو تعریف ہوتی ہے وہ سچی اور جھوٹی دونوں طرح کی ہو سکتی ہے مگر خداتعالیٰ کی جو تعریف بھی کی جائے وہ سب سچی ہی ہوتی ہے اس لئے جب کبھی دعا کی ضرورت ہو تو دعا کرنے سے پہلے خداتعالیٰ کی حمد کر لینی چاہیے۔ چنانچہ سورہ فاتحہ سے ہمیں یہ نکتہ معلوم ہوتا ہے۔ سورۃ فاتحہ وہ سب سے بڑی دعا ہے جو خداتعالیٰ نے اپنے بندوں کو سکھائی ہے اور ہر روز کئی بار پڑھی جاتی ہے اس میں پہلے خدا نے یہی رکھا ہے کہ ۴؎ فرماتا ہے۔ اس میں یہی گر سکھایا گیا ہے کہ جب کوئی دعا کرنے لگو تو پہلے کثرت سے خداتعالیٰ کی حمد کر لو۔ (حمد تمام خوبیوں اور پاکیزیوں کے جمع ہونے اور سب نقصوں اور کمزوریوں سے منزّہ سمجھنے کا نام ہے اس لئے تسبیح بھی اس میں شامل ہے اور یہ بھی ایک قسم کی حمد ہی ہوتی ہے) خداتعالیٰ کی حمد کرکے دعا کرنے سے بہت زیادہ دعا قبول ہوتی ہے۔پس انسان کو چاہیے کہ دعا کرنے سے پہلے خداتعالیٰ کی حمد کرے، اُس کی عظمت اور جلال کا اقرار کرے اور اس کی تعریف بیان کرے۔ اس طرح دعا بہت زیادہ قبول ہو جاتی ہے۔ وجہ یہ کہ چونکہ بندہ خداتعالیٰ کی صفات کو بیان کرتا اور اپنے آپ کو بالکل ہیچ ظاہر کرتا ہے اس لئے وہ خدا جو رحمن، رحیم، مالک، خالق، قادر ہے اور جس کے خزانوں میں کبھی کمی نہیں آ سکتی اُس کی دعا کو قبول کر لیتا ہے۔ جب ایک انسان کسی انسان کے سامنے اپنے آپ کو محتاج پیش کرتا اور اس کی تعریف و توصیف کرتا ہے تو اُسے رحم آ جاتا ہے اور وہ اس کی کچھ نہ کچھ مدد کردیتا ہے۔ تو خداتعالیٰ کے حضور جب کوئی انسان اپنی حالتِ زار کو پیش کرے اور اُس کی حمد وتعریف بیان کرے تو کیونکر ہو سکتا ہے کہ وہ اُس کی دعا کو ردّ کر دے۔ پس جب کوئی انسان خداتعالیٰ کی صفات کو بیان کر کے کچھ مانگتا ہے تو خداتعالیٰ فرماتا ہے کہ میرا یہ محتاج بندہ جو کچھ مانگتا ہے وہ اسے دیا جائے۔ جس طرح آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم پر درود بھیجنے سے خداتعالیٰ کی محبت جوش میں آتی ہے اِسی طرح حمد کرنے سے اُس کی غیرت جوش میں آتی ہے۔ درود پڑھنے سے تو خداتعالیٰ یہ کہتا ہے کہ یہ بندہ چونکہ ہمارے پیارے بندہ کے لئے دعا کرتا ہے کہ اس پر فضل کیا جائے اس لئے میں اس پر بھی فضل کرتا ہوں اور حمد کرنے کے وقت کہتا ہے کہ یہ میرا بندہ جو میری صفات بیان کر رہا ہے میں اِس پر اپنی صفات ظاہر بھی کر دیتا ہوں تا اِس کو عملی طور پر معلوم ہو جائے کہ جو کچھ وہ میرے متعلق کہتا ہے وہ سب درست ہے۔ تو حمد خداتعالیٰ کی سب صفات کو جوش میں لے آتی ہے اور سب صفات جمع ہو کر ایک طرف جھک جاتی ہیں تا کہ اس بندہ کا کام کر دیں۔
اس کے علاوہ دعا کی قبولیت کے لئے یہ بھی یاد رکھو کہ دعا کرنے سے پہلے اپنے کپڑوں اور بدن کو صاف کرو۔ گو ہر ایک دعا کرنے والا نہیں سمجھتا اور نہ محسوس کرتا ہے مگر جو محسوس کرتے یا کر سکتے ہیں ان کا تجربہ ہے کہ جب انسان دعا کرتا ہے تو اسے خداتعالیٰ کا ایک قرب حاصل ہو جاتا ہے اور اس کی روح اللہ تعالیٰ کے حضور کھنچی جاتی ہے گو دیکھنے والے کو معلوم نہیں ہوتا کہ خدا نظر آ رہا ہے مگر جس طرح خواب میں روح کو جسم سے آزاد کر دیا جاتا ہے اِسی طرح اس وقت خداتعالیٰ کے حضور حاضر ہونے کے لئے روح الگ کی جاتی ہے ۔چونکہ روح کی صفائی جسم کی صفائی سے تعلق رکھتی ہے اور روح کی ناپاکی جسم کی ناپاکی سے اس لئے اگر جسم ناپاک ہوتو روح پر بھی اس کا ناپاک ہی اثر پڑتا ہے اور اگر جسم پاک ہو تو روح پر بھی اس کا پاک ہی اثر پڑتا ہے۔
ایک واقعہ لکھا ہے وَاللّٰہُ اَعْلَمُ کہاں تک درست ہے مگر ہے نتیجہ خیز۔ لکھا ہے کسی شہزادی نے ایک معمولی شخص سے شادی کر لی۔ جب وہ دونوں خلوت میں جمع ہوئے تو چونکہ مرد نے کھانا کھا کر ہاتھ نہ دھوئے تھے اس لئے ہاتھوں کی بُو سے اُسے اِتنی تکلیف ہوئی کہ اُس نے کہا اس کے ہاتھ کاٹ دو۔ چنانچہ اُس کے ہاتھ کاٹ دیئے گئے۔ گو خداتعالیٰ پر کسی کے گندہ اور ناپاک ہونے کا کوئی اثر نہیں ہو سکتا مگر خداتعالیٰ ہر ایک گند اور ہر ایک ناپاکی کو سخت ناپسند کرتا ہے یہی وجہ ہے کہ اسلام نے تمام عبادتوں کے لئے صفائی کی شرط ضروری قرار دی ہے۔ جس طرح وہ شخص جو پیشاب سے بھرے ہوئے کپڑوں کے ساتھ کھڑا ہو کر نماز پڑھتا ہے اُس کی نماز قبول نہیں ہوتی اِسی طرح وہ دعائیں جو ایسی حالت میں کی جائیں وہ بھی قبول نہیں ہوتیں بلکہ جب کوئی انسان گندی حالت میں خدا کے حضور پیش ہوتا ہے تو بجائے فائدہ اُٹھانے کے وہاں سے نکال دیا جاتا ہے۔ یہی سر ہے کہ صوفیاء نے دعائیں کرنے کا لباس الگ بنا رکھا ہوتا ہے جسے خوب صاف ستھرا رکھتے اور خوشبوئیں لگاتے ہیں۔ تو دعا کے قبول ہونے کا یہ بھی ایک طریق ہے کہ دعا کرنے سے پہلے انسان اپنے کپڑوں کو صاف ستھرا کر لے۔ جو شخص غریب ہے وہ اس طرح کر سکتا ہے کہ ایک الگ جوڑا بنا رکھے اور اُسے صاف کر لیا کرے۔ اِس طرح دعا زیادہ قبول ہوتی ہے۔
پھر دعا کی قبولیت کے لئے ایک اَور طریق ہے اور وہ یہ کہ دعا کے لئے ایک ایسا وقت اور جگہ انتخاب کرے جہاں خاموشی ہو۔ مثلاً اگر دن کا وقت ہے تو جنگل میں کسی ایسی جگہ چلا جائے جہاں سمجھے کہ کوئی میرے خیالات میں خلل انداز نہیں ہو سکے گا یا رات کے وقت جبکہ سب لوگ سوئے ہوئے ہوں دعا کرے۔ اِس طرح یہ ہوتا ہے کہ خیالات پراگندہ نہیں ہونے پاتے۔ جب کسی ایسی جگہ یا ایسے وقت دعا کی جاتی ہے کہ اِدھر سے آوازیں آتی رہتی ہیں تو دعا کی طرف خاص توجہ نہیں ہو سکتی اِس طرح توجہ کبھی کسی طرف چلی جاتی ہے اور کبھی کسی طرف۔ چونکہ انسان کی طبیعت میں تجسس کا مادہ ہے اس لئے ذرا سی آواز آنے پر جھٹ اِدھر متوجہ ہو جاتا ہے تا معلوم کرے کہ کیا ہوا ہے۔ اس سے بچنے کے لئے وہ لوگ جن کو جلوت سے خلوت میسر نہیں آ سکتی یا آتی ہے مگر بہت تھوڑی دیر کے لئے، وہ ایسے وقت دعا کریں جب کہ خاموشی ہو یا ایسی جگہ کریں جہاں کسی قسم کا شور نہ ہو۔ میں نے حضرت مسیح موعود علیہ السلام کو دیکھا ہے آپ جنگل میں تنہا چلے جایا کرتے تھے۔ اِس بات کا علم اکثر لوگوں کو نہیں ہے مگر آپ اُس راستہ سے جو میاں بشیر احمدکے مکان کے پاس سے گزرتا ہے دس بجے کے قریب سیر کو جانے کے علاوہ اکیلے بھی جایا کرتے تھے۔ ایک دن جو آپ جانے لگے تو میں بھی آپ کے ساتھ چل پڑا۔ تھوڑی دور چلے تو واپس لوٹ آئے اور مسکرا کر فرمانے لگے پہلے تم جانا چاہتے ہو تو ہو آؤ میں بعد میں جاؤں گا۔ اس سے میں سمجھ گیا کہ آپ اکیلے جانا چاہتے تھے میں واپس آ گیا۔ غرضیکہ علیحدہ جگہ اور خاموش وقت میں خاص توجہ سے دعا کی جا سکتی ہے کیونکہ توجہ کے لئے کوئی بیرونی روک نہیں ہوتی اس لئے طبیعت کا زور ایک ہی طرف لگتا ہے اور جیسا کہ میں نے کسی گزشتہ خطبہ میں بتایا تھا جب تمام زور ایک طرف لگتا ہے تو اپنے راستہ کی ہر ایک روک کو بہا کر لے جاتا ہے۔
پھر ایک یہ بھی طریق ہے کہ جب کوئی انسان کسی معاملہ کے متعلق دعا کرنے لگے تو پہلے اپنے نفس کی کمزوریوں کا مطالعہ کرے اور اتنامطالعہ کرے اتنا کرے کہ گویا اُس کا نفس مر ہی جائے اور اسے اپنے نفس سے گھن آنی شروع ہو جائے اور نفس کہہ اُٹھے کہ تو بغیر کسی بالا دست ہستی کی مدد اور تائید کے خود کسی کام کا نہیں ہے اور کچھ نہیں کر سکتا۔ جب نفس کی یہ حالت ہو جائے تو دعا کی جائے ایسی حالت میں جس طرح ایک بے دست و پا بچہ کی ماں باپ خبرگیری کرتے ہیں اِسی طرح خداتعالیٰ بھی اپنے بندے کی کرتا ہے۔ ماں باپ کو دیکھو جب بچہ بڑا ہو جاتا ہے تو اُسے کہتے ہیں خود کھاؤ پیومگر دودھ پیتے بچہ کی ہر ایک ضرورت اور احتیاج کا انہیں خود خیال اور فکر ہوتا ہے۔ خداتعالیٰ کے حضور بھی انسان کو اپنے نفس کو اِسی طرح ڈال دینا چاہئے جس طرح دودھ پیتا بچہ ماں باپ کے آگے ہوتا ہے لیکن اگر نفس فرعون ہو اور اپنے آپ کو بڑا سمجھتا ہو تو اس کی کوئی بات قبول نہیں ہو سکتی اس لئے سب سے پہلے انسان کو چاہیے کہ اپنے نفس کو بالکل گرا دے ۔یہ بندے اور خدا میں تعلق پیدا ہونے کا بہت بڑا ذریعہ ہے اور اس سے دعا بہت زیادہ قبول ہوتی ہے۔
ایک یہ بھی طریق ہے کہ جب انسان دعا کرنے لگے تو اللہ تعالیٰ کے انعامات کو اپنی آنکھوں کے سامنے لے آئے کیونکہ انسان سے خواہش اور امید کام کروایا کرتی ہے۔ اللہ تعالیٰ کے انعامات کے دیکھنے کے لئے سر سے لے کر پاؤں تک خوب غور کرے اور دیکھے کہ اگر میری فلاں چیز نہ ہوتی تو مجھے کس قدر تکلیف اور نقصان ہوتا۔ مثلاً اس طرح نقشہ کھینچے کہ اگر میرے ہاتھ نہ ہوتے اور کوئی دوست مصافحہ کے لئے ہاتھ بڑھاتا تو میں کیا کرتا۔ یا پیاس لگی ہوتی تو پانی کس طرح پی سکتا۔ پیشاب کرنا ہوتا تو ازار بند کس طرح کھولتا اور پھر باندھ سکتا۔ غرضیکہ اسی طرح ہر ایک چیز کو دیکھے یہاں تک کہ خدا تعالیٰ کے انعام اور فضل کا ایسا نقشہ کھینچے کہ اس کا رُواں رُواں خدا کی محبت اور اُلفت سے پُر ہو جائے۔ اُس وقت اُس کے دل پر جوش اور شوق سے امید ایک ایسی لہر مارے گی کہ وہ جو دعا کرے گا وہ قبول ہو جائے گی۔ کیونکہ جب وہ دیکھے گا کہ مجھے خداتعالیٰ نے بغیر مانگے اور سوال کئے اس قدر انعامات دے رکھے ہیںتو مانگنے سے کیوں نہ دے گا۔ جب اُس کو یہ یقین حاصل ہو جائے گا تو جو مانگے گا وہ مل جائے گا۔
ایک طریق یہ بھی ہے کہ جس طرح خداتعالیٰ کے انعامات کو نظر کے سامنے لانا چاہئے۔ اِسی طرح اُس کے غضب کو سامنے لایا جائے اور جس طرح یہ سوچا تھا کہ اگر میرا فلاں عضو نہ ہوتا تو کیا ہوتااِسی طرح یہ سوچے کہ یہ انعام جو مجھے دیئے گئے ہیں یہ چھین لئے جائیں تو پھر کیا ہو؟ اور یہ بھی دیکھے کہ بہت سے لوگ تھے جن پر میری طرح ہی خداتعالیٰ کے انعام تھے مگر ان سے چھین لئے گئے۔ اس بات کے لئے تباہ شدہ گھر اور ہلاک شدہ بستیاں یا اپنے جسم کا ہی کوئی تباہ شدہ حصہ کافی سبق دے سکتا ہے۔ وہ اسے دیکھے اور پھر دعا کرے یہ دعا خوف اور طمع کی دعا ہوگی جس کو قرآن کریم نے بھی بیان کیا ہے۔ ایک طرف اس کے خوف ہوگا اور دوسری طرف طمع۔ یہ دو دیواریں ہوں گی جو اسے دنیا سے کاٹ کر اللہ کی طرف مائل کر دیں گی اور اس طرح اُس کی دعا قبول ہو جاتی ہے۔
پھر جب کوئی شخص دعا کرنے لگے تو اپنی حالت کو چست بنائے کیونکہ جس طرح نفس مُردہ ہو تو اس کا اثر جسم پر پڑتا ہے اِسی طرح اگر جسم مُردہ ہو تو اس کا اثر نفس پر پڑتا ہے۔ جب کوئی سستی کی حالت اختیار کرتا ہے تو اس کے نفس پر بھی سستی چھا جاتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ نماز میں قیام، رکوع، سجدہ وغیرہ جتنی حالتیں رکھی گئی ہیں وہ سب چستی کی رکھی ہیں۔ تو جسم کی سستی کا اثر روح پر اور خیالات پر ہوتا ہے۔ اس لئے دعا کرنے کے وقت انسان کو چستی کی حالت میں ہونا چاہیے۔ یہ نہ ہو کہ سجدہ میں جائے تو کہنیاں زمین پر گرا دے۔ مجھے ہمیشہ اس بات کا شوق لگا رہتا ہے کہ میں شریعت کے ہر ایک چھوٹے سے چھوٹے حکم میں بھی معلوم کروں کہ کیا حکمت ہے۔ اِس وجہ سے میں نے اس بات پر غور کرنے کے لئے کہ یہ کیوں حکم ہے کہ سجدہ کرتے وقت کہنیاں زمین پر نہ گرائی جائیں، نوافل میں کہنیاں گرا کر دیکھا ہے اس سے مجھے معلوم ہوا ہے کہ اگر پہلے بڑے زور سے دعا ہو رہی ہو تو اس طرح کرنے سے رُک گئی ہے اور جب کہنیاں اُٹھائی ہیں تو پھر وہی حالت پیدا ہو گئی ہے جو پہلے تھی تو دعا کرتے وقت چستی ہونی چاہئے اور وہ چستی جو امید کی چستی ہوتی ہے نہ کہ کوئی اَور۔ اس کا نتیجہ یہ ہوتا ہے کہ زبان سے دعا زیادہ عمدگی سے نکلتی ہے اور مختلف پیراوؤں میں دعا کرنے کی توفیق ملتی ہے۔
پھر ایک طریق یہ بھی ہے کہ جب کسی اہم امر کے متعلق دعا کرنے لگو تو اس سے پہلے چند اور دعائیں کر لو اور پھر اصل دعا کرو۔ خداتعالیٰ نے انسان کے لئے یہ بات رکھی ہے کہ اس کا ہر ایک کام آہستگی سے شروع ہوتا ہے اور جب وہ شروع ہو جاتا ہے تو پھر ترقی کرتا جاتا ہے گویا اس کے کاموں میں تیزی آہستہ آہستہ پیدا ہوتی ہے نہ کہ یکلخت۔ اس لئے بعض اوقات ایسا ہوتا ہے کہ انسان کسی مقصد کے لئے دعا کرتا ہے لیکن کچھ عرصہ بعد کامیابی نہ دیکھ کر کرنے سے رہ جاتا ہے۔ وجہ یہ کہ وہ چاہتا ہے کہ جلدی دعا قبول ہو جائے حالانکہ وہ جلدی نہیں ہونے والی ہوتی اس لئے بہتر یہ ہے کہ کسی اہم معاملہ کے متعلق دعا کرنے سے پہلے اَور دعائیں کی جائیں۔ جب ان کی وجہ سے ان میں تیزی اور چستی پیدا ہو جائے گی اور اس کے خیالات بلند ہو جائیں گے اُس وقت اپنے خاس مقصد کو خداتعالیٰ کے حضور پیش کر دے۔ اس کے لئے ایک اَور بہتر طریق یہ بھی ہے کہ انسان پہلے ایسی دعائیں مانگے جنہیں خداتعالیٰ ضرور قبول کر لیتا ہے۔ دفاتر میں جو ہوشیار کلرک ہوتے ہیں وہ اِسی طرح کیا کرتے ہیں کہ اگر ان کا منشاء ہو کہ ہمارا افسر فلاں درخواست کو نامنظور کرے تو اس کے سامنے چار پانچ ایسی درخواستیں پیش کر دیتے ہیں جن کے متعلق اُنہیںپورا یقین ہو کہ نامنظور کی جائیں گی جب افسر اُن کو نامنظور کر چکتا ہے اور خاص طور پر برافروختہ ہوتا ہے تو نامنظور کرانے والی کو پیش کر دیتے ہیں اِس طرح وہ بھی نامنظور ہو جاتی ہے۔ اور جب کسی درخواست کے متعلق ان کا یہ منشاء ہو کہ منظور ہو جائے تو پہلے ان امور کو پیش کرتے ہیں جن سے افسر خوش ہو جائے جب دیکھتے ہیں کہ خوش ہے تو اُسے بھی پیش کر دیتے ہیں اور اس طرح وہ منظور ہو جاتی ہے۔ اس طرح کام کرنے والے اور ہوشیار کلرک کیا کرتے ہیں۔ اللہ تعالیٰ بھی نکتہ نواز ہے۔ افسر کبھی تو جان بوجھ کر بھی کسی نامنظور کرنے والی درخواست کو منظور کر لیتا ہے کہ اس نے چونکہ ہمیں خوش کیا ہے اس لئے ہم بھی اس کو خوش کر دیں لیکن کبھی وہ نادانی سے ایسا کر بیٹھتا ہے۔ مگر اللہ تعالیٰ کی شان ہی ایسی ہے کہ اُس کو کبھی دھوکا نہیں لگ سکتا اس لئے وہ خوش ہی ہو کر بات قبول کرتا ہے۔ پس کسی خاص معاملہ کے قبول کرانے کے لئے پہلے ایسی دعائیں کرنی چاہئیں جن کو خداتعالیٰ نے قبول ہی کر لینا ہو۔ مثلاً یہ کہ الٰہی دین اسلام کی بڑے زور شور سے اشاعت ہو، تیرا جلال اور قدرت ظاہر ہو، تیرے انبیاء کی عزت اور توقیر بڑھے۔ خداتعالیٰ کہے گا ایسا ہی ہو۔ اس طرح دعائیں کرتے کرتے اپنا مقصد بھی پیش کر دیں کہ الٰہی !یہ بات بھی ہو جائے تو دعا قبول کرانے کا ایک یہ بھی طریق ہے۔ اس طرح کرنے سے تیزی اور چستی پیدا ہو جاتی ہے اس لئے دعا نہایت عمدگی اور خوبی سے کی جا سکتی ہے اور دوسرے اِس سے خداتعالیٰ خوش ہو جاتا ہے اور جب اس کے خوش ہونے کی حالت میں دعا پیش کی جائے گی تو وہ ضرور قبول ہو جائے گی۔
ایک طریق یہ ہے کہ ایسی جگہ دعا مانگی جائے جو بابرکت ہو کیونکہ جگہ کا بھی قبولیت دعا سے خاص تعلق ہوتا ہے۔ یہ بات ثابت ہو چکی ہے کہ دنیا کی کسی چیز کا کوئی اثر اور کوئی حرکت ایسی نہیں ہوتی جو ضائع جاتی ہو بلکہ ہر ایک چیز کی خفیف سے خفیف حرکت بھی قائم اور محفوظ رہتی ہے۔ پس جب کسی اچھی چیز سے انسان کا تعلق ہوتا ہے تو اس انسان کا خاص اثر اس پر ہوتا ہے یہی وجہ ہے کہ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے مکہ مدینہ اور مسجد اقصیٰ میں نماز پڑھنے کا کسی اور جگہ پڑھنے سے زیادہ درجہ بتایا ہے ۵؎ کیا وہاں کے پتھر اور گارا کوئی خاص قسم کے ہیں؟ نہیں۔ بلکہ جگہیں برکت والی ہیں اور جو اِن میں نماز پڑھتا ہے اُس پر اچھا اثر ہوتا ہے۔
یہ بات بھی یاد رکھنے کے قابل ہے کہ انسان سے برکت چلی جاتی ہے، قومیں بے برکت ہو جاتی ہیں کیونکہ یہ اپنی نادانی اور بیوقوفی سے اس دُرّ بے بہا کو کھو دیتی ہیں مگر بے جان اشیاء میں جو خداتعالیٰ کی طرف سے برکت ڈالی جاتی ہے وہ کبھی نہیں جا سکتی اور ہمیشہ کے لئے رہتی ہے (سوائے نہایت خاص وجوہ کے یا خطرناک بداعمالی کے) اللہ تعالیٰ فرماتا ہے۔ ۶؎ کہ جب خدا تعالیٰ کسی قوم پر احسان اور فضل کرتا ہے تو اُس وقت تک اُس میں تغیر نہیں کرتا اور اُسے نہیں ہٹاتا جب تک کہ وہ خود اپنی حالت میں تغیر نہ پیدا کرے۔ تو انسان اپنی بداعمالیوں اور بدافعالیوں کی وجہ سے خداتعالیٰ کے فضل کو اپنے اوپر سے بند کر لیتا ہے لیکن ایک بے جان چیز ایسا نہیں کر سکتی اس لئے اس پر ہمیشہ کے لئے فضل قائم رہتا ہے۔
دیکھو مدینہ کے لوگ اپنی بداعمالیوں کی وجہ سے ایسے ہوگئے ہیں کہ جس طرح وہاں کے لوگوں کی دعائیں آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کے وقت پوری ہوتی تھیں اُس طرح آج ان کی نہیں ہوتیں۔ مکہ کے رہنے والوں کی بھی یہی حالت ہے۔ وہاں آج بھی دعائیں قبول ہونے کا ویسا ہی اثر ہے جیسا کہ پہلے تھا کیونکہ وہاں کی اینٹیں، گارا اور زمین نہیں بگڑی بلکہ آدمی بگڑ گئے ہیں تو جن جگہوں پر خداتعالیٰ کا فضل نازل ہو جاتا ہے وہ پھر کبھی نہیں رُکتا کیونکہ خداتعالیٰ کا خزانہ ایسا وسیع ہے کہ جس کے خالی ہونے کا کبھی خیال بھی نہیں آ سکتا۔ جن مقامات پر خداتعالیٰ نے فضل کر دیاہے پھر ان سے کبھی منفصل نہیں ہوتا اس لئے خاص مقامات میں دعا خاص طور پر قبول ہوتی ہے۔ پس انسان کو چاہیے کہ جب دعا کرنے لگے تو ایسے ہی مقام کو چن کر کرے۔ حضرت خلیفۃ المسیح الاوّل کے پاس بھی ایک مصلّٰی تھا۔ آپ فرماتے تھے کہ میں جب کبھی اس مصلّٰی پر بیٹھ کر دعا کرتا ہوں خاص طو رپر قبول ہوتی ہے۔ تو خاص اشیاء میں خاص برکت کی وجہ سے خاص ہی اثر ہوتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے اِس بات کو پسند فرمایا ہے اور صحابہؓ کرام نے اس پر عمل کیا ہے کہ گھر میں نماز پڑھنے کے لئے ایک خاص جگہ معین کر دیتے تھے جہاں سوائے عبادت کے اور کام نہیں کئے جاتے تھے ۷؎ حضرت مسیح موعود علیہ السلام نے بھی بیت الدعا بنایا ہوا تھا تو یہ بھی دعا کے قبول ہونے کا ایک طریق ہے۔
یہ بہت سے طریق میں نے آپ لوگوں کو بتائے ہیں دیر ہوگئی ہے ورنہ میں ابھی اَور بھی کئی ایک طریق بتا سکتا تھا۔ یہ باتیں گو بظاہر چھوٹی چھوٹی معلوم ہوتی ہیں مگر دراصل چھوٹی نہیں ان کو استعمال کر کے دیکھو تو پتہ لگے گا کہ ان سے کتنے کتنے بڑے نتائج نکلتے ہیں۔ جس طرح ایک ذرا سی کشش بدخط سے خوبصورت خط بنا دیتی ہے اسی طرح یہ باتیں دعا کو قبولیت کے درجہ پر پہنچا دیتی ہیں۔
اِس زمانہ میں ہمارے لئے بہت مشکلات کا سامنا ہے۔ قسم قسم کے مخالف پیدا ہوگئے ہیں اور قسم قسم کے اعتراض اسلام پر کئے جاتے ہیں ان کے دفعیہ کے لئے ہمیں بہت کوشش اور ہمت کی ضرورت ہے اور اس سے بڑھ کر ہمارے لئے اور کونسا طریق کامیابی کا ہو سکتا ہے کہ ہم خداتعالیٰ کے حضور عرض کریں کہ آپ ہی ہماری مدد کیجئے۔ پس آپ لوگ اپنے اعتقاد، اپنے اعمال میں خاص اصلاح کر لیں تا تمہاراکھانا پینا، چلنا پھرنا، سونا جاگنا غرضیکہ ہر سکون اور ہر حرکت اسی کے لئے ہو جائے۔ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا ہے خطبہ میں ایک ایسا وقت آتا ہے کہ اُس وقت کی کی ہوئی دعا قبول ہو جاتی ہے۔ پھر جمعہ سے مغرب تک ایسا ہی وقت آتا ہے۔ پھر رمضان کے آخری عشرہ میں بھی ایسا موقع آتا ہے خدا کے فضل سے آپ لوگوں کو یہ سب موقعے نصیب ہیں اس لئے خوب دعائیں کرو تا خداتعالیٰ اس مبارک مہینہ کے طفیل اور اس بابرکت پیغام کے طفیل جو تم دنیا کو پہنچانا چاہتے ہو تمہارے راستہ سے سب روکیں دور کر دے اور تمہیں اس کام کا پورا پورا اہل بنائے جو تمہارے سپرد کیا گیا ہے۔‘‘ آمین
(الفضل ۸ـ؍ اگست ۱۹۱۶ئ)
۱؎ البقرۃ: ۱۸۷
۲؎ بخاری کتاب الادب باب رحمۃ الولد
۳؎ ترمذی ابواب السفر باب الثناء علی اللّٰہ والصلٰوۃ علی النبیﷺ
۴؎ الفاتحہ: ۲ تا۷
۵؎ بخاری کتاب الصلوٰۃ فی مسجد مکۃ والمدینۃ باب لاتشد الرجال الا الٰی ثلاثۃ مساجد
۶؎ الرّعد: ۱۲
۷؎ مشکوۃ کتاب الصلوٰۃ باب المساجد و مواقع الصلوٰۃ
۲۵
گورنمنٹ بر طانیہ خدا کے فضلوں میں سے
ایک فضل ہے
(فر مودہ ۴؍ اگست۱۹۱۶ئ)
تشہد،تعوذ اور سورئہ فا تحہ کی تلاوت کے بعد فرما یا :۔
’’خدا تعالیٰ کے فضل اور اُس کی حمد کی کوئی حد بندی نہیں ہو سکتی۔ جب خدا تعالیٰ اپنا فضل اور احسان کر تا ہے تو پھر اس کی انتہا مقرر کرنی یا اُس کو گننے کی کو شش کرنا نا دانی ہو تی ہے۔دیکھو ابھی تھو ڑی دیرہو ئی کہ بارش ہوئی ہے یہ بھی خدا تعالیٰ کے فضلو ں میں سے ایک فضل ہے لیکن کیا کسی کی طاقت ہے کہ اس کے قطرے گن سکے ؟ہر گز نہیں۔خدا کا ہر ایک جسما نی فضل نمونہ ہوتا ہے روحانی فضل کااورروحانی فضل جسمانی سے بہت زیا دہ وسیع ہو تا ہے۔جب جسما نی فضل کا ہی گننا نا ممکن ہے تو روحانی فضل کا گننا کس طرح ممکن ہو سکتاہے۔پھر خدا کے فضل کی وہ بارشیں جو روحانی رنگ میں ہو تی ہیں کبھی کبھی خاص طور پر بھی ہو تی ہیں۔ جس طرح سخت تپش اور گرمی کے بعد بہت زیادہ بارش ہو تی ہے اِسی طرح رُوحانی طور پر جب دنیا میں تپش ہو تی ہے تو اس کے بعد رُو حا نی بارش بڑے زور سے برستی ہے۔ اور ہو نا بھی ایسا ہی چاہئے کیو نکہ انسان اُس وقت تک کسی چیزسے خوشی اور راحت محسوس ہی نہیں کرتا جب تک کہ اس کے مقابلہ میں اسے دکھ اور تکلیف نہ پہنچ چکی ہو۔ ایک ایسا فقیر جس کی آنکھیں ہو ں وہ کبھی اِس بات پر خوشی کااظہا ر نہیں کرے گاکہ خدا تعالیٰ نے مجھے یہ کیسی نعمت دی ہے لیکن اگر اسے کوئی ایک پیسہ دے دے گاتو وہ بہت خوش ہو گااور دینے والے کا شکریہ ادا کرے گا۔کیوں؟اس لئے کہ آنکھیںتو اس کے پاس پہلے سے ہی تھیںاور پیسہ نیا ملاہے جو کہ اس کے پا س پہلے نہ تھا۔چونکہ اس کی آنکھیں نہیں گئی تھیںاس لئے اسے معلوم ہی نہیں کہ یہ بھی کوئی نعمت ہے۔ لیکن جن لو گوں کو موتیا بند ہو جا تاہے اگرچہ وہ ایک عارضی ہی پردہ ہو تا ہے لیکن جو ڈاکٹر اُس پردہ کو دور کر دیتا ہے اُس کے سامنے اُس کی آنکھیںاونچی نہیں ہو سکتیں۔کس قدر حیرت اور تعجب کا مقام ہے کہ اکثر لو گ اصل آنکھوں کے بنا نے والے کے آگے اپنی گردنیں اونچی ہی رکھتے ہیں ۔کیوں؟اِس لئے کہ اُس نے اُن کو چھین کر نہیں دیںبلکہ پہلے سے ہی دے رکھی ہیں۔مگر ایک ڈاکٹر اُس وقت آنکھیں بناتاہے جبکہ ان سے کچھ عرصہ کے لئے چھینی جا چکتی ہیںاس لئے اس کے شکرگزار ہوتے ہیں۔
تو یہ ایک عام بات ہے کہ جو چیز پہلے نہ ہو اورپھر ملے اُس پر لوگ خوش ہوتے اور اُسے نعمت سمجھتے ہیں اور جو پہلے سے ہی انہیں ملی ہو ئی ہواُس کی طرف توجہ بھی نہیں کرتے ۔خدا تعالیٰ کی بھی یہ ایک سنت ہے کہ ایک زمانہ میں وہ روحانی ترقیات کی طاقت بخشتاہے مگر کچھ مدت کے بعد لو گوں کو اپنی عادت کے مطابق یہ گھمنڈہو جا تاہے کہ خدا نے ہمیں کیا بتانا تھا یہ سب کچھ ہم نے اپنی عقل سے ہی تجویز کیا ہے گویا وہ اپنی نا دانی سے دین کو اپنی ایک ایجا د سمجھ لیتے ہیں۔ چنانچہ مسلمانو ں پر بھی جب تصنیفات کا ز ما نہ آیا تو ان کے لئے خدا اور رسول اُڑ کر صرف یہی رہ گیا کہ امام ابو حنیفہؒ یہ کہتے ہیں، امام حنبلؒ یہ فرماتے ہیں۔یعنی ان کے دلوں میں خدا اور اُس کے رسول کا کوئی احسان نہ رہابلکہ اماموں کا ہو گیااور وہ یہ سمجھنے لگ گئے کہ اگر یہ امام نہ ہو تے تو آج کچھ نہ ہو تا۔
کہتے ہیں ایک پٹھان نے کسی کتاب میںپڑھا تھاکہ نماز پڑھتے ہوئے ہاتھ نہیں ہلانے چاہئیں ورنہ نماز ٹوٹ جا تی ہے۔پھر اُس نے کہیں یہ پڑھا کہ آنحضور صلی اللہ علیہ وسلم نے ایک دفعہ نماز پڑھتے ہوئے کسی کے آواز دینے پر دروازہ کھول دیا۔تو کہنے لگا محمد(ﷺ )کا نماز ٹوٹ گیا۔گویا اُس نے آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کو ایک امام کے حکم کے ما تحت لا نا چاہاحالا نکہ امام ابوحنیفہؒ وغیرہ جس قدر بھی امام ہو ئے ہیںوہ سب آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کے خوشہ چین ہیں اور آپ باغبان۔امام ما لکؒ ،امام شافعیؒ، امام ابوحنیفہؒ، امام حنبلؒ یہ سب آپؐ کے خوشہ چین اور جاروب کش ہیں۔آپ کے باغ میں جھا ڑودے کر پھل جمع کر لا نے کے علا وہ اور کیا کرتے ہیں۔ مگر نادانوں اور کم عقلوں کے سامنے یہ جھا ڑو دینے والے تو ہیںاور پھل پیدا کرنے والا اور ان کو پرورش دینے والا پوشیدہ ہے اس لئے اُن کو نہیں دیکھتے۔ایسے ہی وقت میں خدا تعالیٰ اپنے دین کو دنیا سے اُٹھا لیتا ہے اور اِس طرح اُنہیں بتاتا ہے کہ تم نے خدا اور اس کے رسول کی قدر نہ کی اب بتائو تمہا رے پا س کیا ہے؟ اگر کچھ رکھتے ہو تو تم میں کو ئی ابو حنیفہؒ پیدا تو ہو،کوئی فقیہہ اور زاہد تو دکھلائولیکن وہ کچھ نہیں دِکھلا سکتے۔اُس وقت ان کی روحانی امور میں عقلیں ما ری جا تی ہیں۔ دنیاوی لحاظ سے تو بال کی کھال کھینچتے ہیںمگر روحانی طور پر ان کی باتوں کا کوئی اثر نہیں ہو تا۔ جب دنیا کی یہ حالت ہو جا تی ہے تو خدا کی بارش نا زل ہو کر بتاتی ہے کہ دیکھو اب ہم اپنا کام کرتے ہیںپھر لوگوں کے چہروں پر تازگی اوربشاشت آجا تی ہے۔ وہی لوگ جومردہ دل ہوتے ہیں زندہ ہو جا تے ہیں،وہ جو دین سے بالکل غافل اور بے پرواہ ہو جا تے ہیں دین پر جان دینے والے بن جا تے ہیں کیونکہ ان کی نگاہیں انسانوں پر نہیں بلکہ خدا پر ہو تی ہیںاور اُس وقت اُن کی یہ حالت ہو تی ہے کہ ؎
جِدھر دیکھتا ہوں اُدھر تُو ہی تُو ہے
اُس وقت ان کے منہ سے بے اختیا ر ؎۱ نکلتا ہے لیکن کچھ عرصہ بعد جس طر ح ڈاکٹر مو تیا بند دُور کرنے سے اُس کا تو احسان یاد رکھا جا تا ہے اور خدا تعالیٰ کوبھلا دیا جا تا ہے اِسی طرح اِس روحانی بارش کے بعد بد قسمت لو گ خدا تعالیٰ کو بھلا کر انسانی عقل و فہم پر بھروسہ کر بیٹھتے ہیں ۔ابھی دیکھ لو کوئی زیا دہ عرصہ نہیں گزرا کہ چند لوگوں نے کہہ دیا مرزا صاحب نے آکر ہمیں کیا دیا؟ صرف وفاتِ مسیح کے مسئلہ کو صاف کیا ہے۔ مگر ان نادانوں نے نہ دیکھا کہ ہم میں اور غیر احمدیو ں میںکیا فرق ہے۔ اگر یہ غور کرتے تو انہیں معلوم ہو جا تا کہ اِن میں اور اُن میں بہت بڑا فرق ہو گیا تھا۔ کیا اِن کے لئے قرآن کریم ایک زندہ کتا ب نہ ہو گئی تھی اور کیا اِن کے لئے رسول کریم ﷺ ایک زندہ رسول نہ ثابت ہو گئے تھے؟ پھر کیا جب یہ قرآن کریم پر غور کرتے تو ان کے ذہنوں میں بجلی کی طرح حقائق اور معارف نہیں ڈالے جاتے تھے؟ اور کیا وہ باتیں جو دوسروں کے لئے ٹھو کرکاباعث ہو تی تھیں ان کے لئے عجیب عجیب نکا ت نہیں ثابت ہو تی تھیں؟ پھر کیا وہی آیتیں جو نَعُوْذُبِاللّٰہِ لغو اور فضول سمجھی جا تی تھیں ان کا ایک ایک لفظ اور ایک ایک حرکت ان کے لئے بڑی بڑی حکمت نہیں رکھتا تھا؟ یہ سب کچھ تھا مگر انہوں نے ان باتوں کو اپنی عقل اور سمجھ کا نتیجہ قرار دیا اور یہ کہہ دیا کہ مرزا صاحب کے ذریعہ وفاتِ مسیح کے سِوا ہمیں اور کچھ نہیں ملا۔ اِن لوگوں کو دیکھ کر تم ا ُن لو گوں کی حالت کا قیا س کر لو جو زما نہ نبوت سے بہت دور ہو جا تے ہیں۔ پس جب ان کے منہ سے نہیں نکلتی تو اللہ تعالیٰ اپنا انعام ان سے چھین لیتا ہے پھر انہیں پتہ لگ جا تا ہے کہ ہما ری عقل اور دانائی کچھ کام نہیں دے سکتی۔لیکن جس طرح بارش کے بند ہو نے سے کنو یںبھی خشک ہو جا تے ہیں اِسی طرح روحانی بارش کے بند ہو نے سے تمام روحانی چشمے خشک ہو جا تے ہیں پھر خدا تعالیٰ بارش نا زل فرما تا ہے لیکن نا دان انسان اصل بھیجنے والے کو پھر بھلا دیتے ہیں۔ غرض خدا تعالیٰ روحانی خشکی کے وقت ضرور روحانی بارش نا زل فرما تاہے اور جو لوگ وہ زما نہ پا تے اور اُس سے فائدہ حاصل کرتے ہیں وہ بڑے خوش قسمت ہو تے ہیںکیو نکہ وہ حمد ہی حمد کا زما نہ ہو تا ہے۔
تمام دنیا کے لئے ایک حمد کا زما نہ تو وہ تھا جبکہ آنحضر ت صلی اللہ علیہ وسلممبعوث ہو ئے۔ پھر ایک یہ زمانہ ہے جس میں حضرت مسیح موعودعلیہ السلام مبعوث ہو ئے ہیںاور جس کے پا نے کا ہمیں موقع ملا ہے اس لئے ہمارے لئے کیا ہی حمد کا زما نہ ہے ۔ ہما رے دل سے کیسے جو ش کے ساتھ حمد نکلتی ہے۔ کیوں؟اس لئے کہ ہمیں خدا تعالیٰ نے شارع دیا تو ایسا کہ تمام انبیا ء اس کے مقابلہ میں طفل مکتب ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ آنحضر ت صلے اللہ علیہ وسلم نے فرما یا۔ کہ لَوْکَانَ مُوْسٰی وَعِیْسٰی حَیَّیْنِ لَمَاوَسِعَھُمَااِلَّااتِّبَاعِیْ ۲؎ اگرموسیٰ اورعیسیٰ زندہ ہو تے تو وہ بھی میرے ہی مدرسہ میں داخل ہوتے۔ دیکھو !موسیٰ علیہ السلام کی کتنی بڑی شان تھی مگر ان کے متعلق بھی آپ نے یہی کہاکہ اگر وہ آج زندہ ہو تے تو میرے سامنے زانوئے ادب خم کرتے۔
لوگوںنے حضرت موسیٰ اور خضر کا یو نہی ایک جھو ٹا قصّہ بنا لیا ہے اصل بات کچھ اور ہے۔ لیکن حضر ت عبدالقادر جیلانی رحمۃ اللہ علیہ کے متعلق لکھا ہے کہ ان کے پاس کشف میں خضر آیا۔ انہوں نے اسے کہا کہ مجھے بھی موسیٰ نہ سمجھ لینا کہ تمھا ری بات نہ سمجھ سکوں گا۔ میں محمدی سلسلہ کا فرد ہوں میں ان با توں سے خوب واقف ہوں۔ اور حضر ت موسیٰ ؑ کو بھی کشف میں ہی دکھا یا گیا تھا جس طرح حضرت موسیٰ ؑ کو خضر کشف میں دکھائی دیا تھا۔جیسا کہ قرآن کریم سے معلوم ہوتا ہے اور یہ بھی پتہ لگتا ہے کہ خضر ملائکہ کے رنگ میں تھااسی طرح عبدالقادر ؑ کو بھی کشف میں نظر آیامگر انہوں نے کہا کہ میں آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کا غلام ہوںاس لئے تیرا اثر مجھ پر نہیں ہو سکتا۔ یہ بھی ایک رنگ ہو تا ہے لوگوں نے اپنی نا دانی سے خضر کچھ اور سمجھا ہوا ہے مگر انہوں نے قرآن کریم کی آیات پر غور نہیں کیا اور نہ اِس واقعہ کی حکمت اور اصلیت کو سمجھا ہے تو رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے مقابلہ میں اور کسی کا درجہ نہیں ہے بلکہ با قی سب انبیاء کا آپ صلی اللہ علیہ وسلم سے استاد شاگرد جیسا تعلق ہے اِسی لئے آپ نے حضرت موسیٰؑ اور حضرت عیسیٰ ؑ کے لئے فرمایا کہ اگر وہ بھی زندہ ہوتے تومیری اتباع کرتے۔اِتباع اُسی وقت کی جا تی ہے جبکہ بہت بڑا فرق ہو۔ تو خدا نے ہمیں ایسی شان کا رسول دیا۔ پھر کون ہے جس کے منہ سے بے اختیارنہ نکلے۔
پھر قرآن کریم ایسی مکمل کتا ب دی کہ جس کا کوئی لفظ، کوئی حرکت، کوئی نقطہ بے موقع نہیں ہے بلکہ ایک ایک لفظ اور ایک ایک حرکت میں ایسی حکمت اور معرفت بھری ہوئی ہے کہ انسان اگر اس میں غور کرے تو ساری عمر اِسی میں مست رہے اور کوئی چیز اُس کی توجہ کو دوسری طرف نہ کھینچ سکے۔ تو آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم ایسا شارع نبی اور قرآن کریم ایسی کامل کتاب ہمیں دی گئی۔
پھر خدا تعالیٰ نے ہم پر یہ کتنا فضل کیا کہ اِس تا ریکی اور ظلمت کے زمانہ میں جس میں ایسے نبی اور ایسی کتاب کو لوگ چھوڑ بیٹھے تھے مسیح موعود علیہ السلام ایسا ہادی اور راہ نما بھیج دیا جس کی نسبت ہر زما نہ میں ہزار ہا ولی ترستے چلے گئے بلکہ جس کے زمانہ کو دیکھنے کی بعض انبیاء نے بھی خواہش کی کیونکہ آپ کا زمانہ خاص فتوحات کا زمانہ تھا۔
اللہ تعالیٰ تو چونکہ سب کا خدا ہے اس لئے میں نے اُس کانام نہیں لیا لیکن اصل بات یہ ہے کہ خدا تعالیٰ نے آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کے ذریعہ جس طرح جلوہ فرمایا ہے اس طرح پہلے کسی نبی کے ذریعہ نہیں فرمایا اس لئے ہم کہہ سکتے ہیں کہ ہمیں آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کے ذریعہ ایسا خداملا جیسا کسی کو نہیں ملا۔ یہ سب اللہ تعالیٰ کے فضل ہیں جو ہم پر ہوئے ہیں اِسی لئے قرآن کریم کو سے شروع کیا گیا ہے۔
اِسی طرح ہم پر خدا تعالیٰ کے دنیا وی رنگ میں بھی بڑے فضل ہوئے ہیں ۔ ہم سے پہلی قوموں نے بڑی بڑی تکلیفیںاورمصیبتیں اُٹھا ئی ہیں۔ دیکھوحضرت مسیح جس وقت آئے تو گو انہوں نے تلوار نہ اُٹھائی اور نہ اُن کے مقابلہ میں اٹھائی گئی مگر یہودیوں نے پکڑ کر صلیب پر چڑھا دیا۔مگر تم اپنے مسیح کو دیکھو آپ کو خدا تعالیٰ نے ایک ایسی سلطنت میں پیدا کیا کہ آپ کا کوئی بڑے سے بڑا مخالف بھی بال بیکا نہ کر سکا ۔ آپ اسی سلطنت میں بیٹھ کر تبلیغ کرتے رہے اور تبلیغ بھی نہ صرف اَوروں کو بلکہ اسی سلطنت اور شہنشاہ کو۔ پہلے زمانوں میں کیا مجال تھی کہ کوئی بادشاہ کو تبلیغ تو کر سکے۔ یہ بہت بڑی گستاخی اور بے ادبی سمجھی جاتی تھی لیکن حضر ت مسیح مو عود علیہ السلام نے ملکہ معظمہ قیصرہ ہند کو ایک خط لکھا جس میں اُسے اسلام کی طرف بلایا اور کہا کہ اگر اِسے قبول کر لو گی تو آپ کا بھلاہو گا ۔یہ سن کر بجائے اِس کے کہ اُن کی طرف سے کسی نا راضگی کا اظہار کیا جا تا اس چٹھی کے متعلق اس طرح شکریہ ادا کیا گیا کہ ہم کو آپ کی چٹھی مل گئی جسے پڑھ کر خوشی ہوئی ۔یہ سب اللہ تعالیٰ کے احسان اور فضل ہیں۔
ہر ایک مومن کو چاہئے کہ اِن کی قدر کرے کیونکہ جو شخص ابتداء میں کہتا ہے اُس کا انجام بھی پر ہی ہو تا ہے۔ چنانچہ خدا تعالیٰ فرماتاہے وَاٰخِرُ دَعْوٰھُمْ اَنِ الْحَمْدُ لِلّٰہِ رَبِّ الْعٰلَمِیْنَکہ مومن جس طرح شروع میں حمد کرتے ہیں اُسی طرح انجام کار بھی ان کے منہ سے یہی نکلتاہے کہ بہت لوگ ہوتے ہیںجو اپنی پہلی عمر میں خداتعالیٰ کاشکر اور حمد کرتے ہیںلیکن جب بوڑھے ہوتے ہیںتو اُن کی زندگی تباہ ہو جاتی ہے۔ خداتعالیٰ فرماتاہے ایک مومن جس طرح خدا کی حمد کہتے کہتے بالغ ہو تا ہے اُسی طرح جانکنی کے وقت بھی اس کے منہ سے یہی نکلتی ہے۔ وہ کبھی مصائب اور آلام میں اس طرح گرفتار نہیں کیا جاتاکہ اُس کے منہ سے حمد نہ نکلے کیونکہ اس کے سامنے اللہ تعالیٰ کے بہت سے انعام ہوتے ہیںان کی وہ قدر کرتا ہے۔ پس جو کوئی اللہ تعالیٰ کے انعام حاصل کرنا چاہے اس کے لئے ضروری ہے کہ اپنی زبان پر حمد الٰہی جا ری رکھے۔ وہ لوگ جو یہ کہتے ہیںکہ ہمیں کچھ نہیں ملا،ہمیں فلاں تکلیف ہے، فلاں مصیبت ہے اُن کو دئیے ہوئے انعام بھی خداتعالیٰ واپس لے لیتا ہے۔
غالب اُردو کا ایک شاعر گزرا ہے، تھا تو وہ شرابی مگراُس کے کلام میں بعض باتیں عجیب بھی پا ئی جاتی ہیںجن سے معلوم ہو تا ہے کہ اُس کے دل میں سعادت بھی تھی کیونکہ کہیں کہیں اُس کے شعروں سے پتہ لگتا ہے کہ وہ اپنا معشوق خداتعالیٰ کو قرار دیتا ہے۔ ہمیں اُس پر بد ظنی کرنے کی کیا ضرورت ہے ہو سکتا ہے کہ اُس کے دل میں خداتعالیٰ کی محبت اوراُلفت ہو۔ وہ ایک شعر میں کہتا ہے ؎
تیرے بے مہر کہنے سے وہ تجھ پر مہر باں کیوںہو
کہ میں خدا کو بے مہر، بے مہر کہتا ہوں تو پھر وہ مجھ پر مہر بانی کیوں کرے۔ تو جو بندہ خداتعالیٰ کی حمد نہیںکرتابلکہ یہ کہتا ہے کہ خدا نے مجھے کیا دیا ہے؟خدا تعالیٰ نے اُس پر جو انعام کیا ہوتا ہے وہ بھی چھین لیتاہے ۔جب انعام چھن جا تا ہے تب اسے معلوم ہوتا ہے کہ مجھ پر فلاں انعام تھا، فلاں تھا۔ تو اللہ تعالیٰ کے مزید انعام حاصل کرنے کے لئے ضروری ہے کہ اس کی حمد جاری رکھی جائے اور جو نعمتیں اُس کی طرف سے ملی ہیں اُن کے شکریہ میں بے اختیار نکلے۔
میں نے بتایا ہے کہ اللہ تعالیٰ کی بے شمار نعمتوں میں سے یہ حکومت برطانیہ بھی ایک نعمت ہے۔ بعض نادان اور کم عقل ہیںجو اس کے ماتحت رہتے ہوئے کہتے ہیںکہ ہمیں فلاں فلاں حقوق نہیں دیئے گئے، ہمیں فلاں اختیا رات نہیں سپرد کیے گئے، یہ نہیں دیاوہ نہیں دیالیکن انہیں پتہ تب لگے جب کہیں باہرجا کر دیکھیں۔یہاں تو کہہ لیتے ہیں کہ ہمیں فلاں حقوق نہیں دیئے گئے،ہماری فلاں بات نہیں مانی گئی مگر کسی اور جگہ اتنا کہنے کی بھی اجازت نہیں پائیں گے اور یہ کہنے پر پکڑ کر قیدکر دئیے جا ئیں گے۔ یہا ں تو جلسے ہوتے ہیںاور بعض اوقات گورنمنٹ کے خلاف بھی تقریریں کرتے ہیںاور بعض اخباروں میں بھی سخت سخت الفاظ بھی استعمال کرتے ہیں لیکن گورنمنٹ بہت کچھ برداشت کر جا تی ہے اور جب تک فتنہ فساد کا ڈرنہ ہو دخل نہیں دیتی۔ ایسے وقت میں اُس کیلئے دخل دینا ضروری ہو جا تا ہے کیونکہ اگر اُس وقت بھی دخل نہ دے تو گویا اُس میں حکومت کرنے کا مادہ ہی نہیں سمجھا جا تا۔تو یہ حکو مت بھی اللہ تعالیٰ کی نعمتوں میں سے ایک نعمت ہے اِس لئے اِس کی قدر کرنی چاہئے۔حضرت مسیح موعود علیہ السلام نے لکھا ہے کہ سورئہ والناس اِس گورنمنٹ کیلئے بطور پیشگوئی کے ہے۔پھر آپ نے اس کے متعلق یہ دعا کی ہے۔
تاج و تخت ہند قیصر کومبارک ہو مدام
ان کی شاہی میں میں پاتا ہوں رفاہِ روزگار
اِس میں کسی خاص بادشاہ کا نام لے کر دعا نہیں کی گئی کیونکہ بادشاہ تو بدلتے رہتے ہیں اس لئے آپ نے سلطنت کے لئے دعا کی ہے۔
انبیاء کا دل بڑاشکر گزار ہوتاہے ۔ایک معمولی سے معمولی بات پر بھی بڑا احسان محسوس کرتے ہیں۔میں نے دیکھا ہے حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی کتابیں جب دن رات چھپتیں توباوجود اِس کے کہ آپ کئی کئی راتیں بالکل نہیں سوتے تھے لیکن جب کوئی شخص رات کے وقت پروف لاتاتو اس کے آواز دینے پر خود اُٹھ کرلینے کے لئے جاتے اور ساتھ ساتھ یہ بھی کہتے جاتے کہ جَزَاکَ اللّٰہُ اَحْسَنَ الْجَزَاء اِس کو کتنی تکلیف ہوئی ہے۔ یہ لوگ کتنی تکلیف برداشت کرتے ہیں خدا اِن کوجزائے خیر دے حالانکہ آپ خود ساری رات جاگتے رہتے تھے۔میں کئی بار آپ کو کام کرتے دیکھ کر سویا اور جب کبھی آنکھ کھلی تو کام ہی کرتے دیکھا حتی کہ صبح ہو گئی۔دوسرے لوگ اگرچہ خدا کے لئے کام کرتے تھے لیکن آپ ان کی تکلیف کو بہت محسوس کرتے تھے۔کیوں؟اس لئے کہ انبیاء کے دل میں احسان کا بہت احساس ہوتاہے۔ یہی وجہ ہے کہ وہ خدا تعالیٰ کے تمام احسانات کو اپنی طرف کھینچ لیتے تھے۔ کے سِوا اُن کے منہ سے کچھ نکلتا ہی نہیں۔ پس تم لوگ بھی خداتعالیٰ کے انعامات کو دیکھ کر ہی کہا کرو۔
جیسا کہ میں نے بتایا ہے گورنمنٹ برطانیہ بھی خدا تعالیٰ کا ایک فضل ہے ۔تم لوگ اگر اس کے لئے شکر کرو گے تو یہی نہیں ہو گا کہ تم خدا کے شکر گزار بندے بنو گے بلکہ اللہ تعالیٰ کے اور انعامات بھی حاصل کر لو گے۔ میرے خیال میں وہ لو گ جو گورنمنٹ کی مخالفت کرتے اور اس کے احسانات کی ناقدری کرتے ہیںوہ اگر گورنمنٹ کے شکر گزار ہوں تو ان پر خدا تعالیٰ کا فضل ہو جائے اور ان کی مشکلات بھی دُور ہو جائیں۔گورنمنٹ کی آجکل مشکلات کے لئے لوگ جلسے کرتے ہیںلیکن ان سے کوئی فائدہ نہیں ہو تا کیونکہ کئی لوگ ایسے بھی ہو تے ہیں جو دل میں کچھ اور رکھتے ہیںاور زبان پر کچھ اَور مگر چونکہ اظہارِ وفاداری کا یہ بھی ایک طریق ہے اگر ہماری جماعت بھی اِس طرح کرے تو کوئی حرج نہیں۔ لیکن اصل وفاداری اور ہمدردی اُسی کا نام ہے جو دل سے کی جائے ۔گورنمنٹ چونکہ انسانوں کا مجموعہ ہے اور انسان دل کی حالت کو معلوم نہیں کر سکتے اِس لئے جلسے کرنا کوئی معیوب بات نہیں۔ مگر حقیقی وفاداری اِسی کا نام ہے کہ گورنمنٹ کیلئے دعا کی جائے اور پوشیدہ طور پر یہ کوشش کی جائے کہ جس طرح اس نے ہمیں موقع دیا ہے کہ ہم اپنے دین کی اشاعت کر رہے ہیںاِس طرح خداتعالیٰ اِسے موقع دے کہ یہ اپنی سلطنت کی توسیع کر سکے۔ اور جس طرح اس نے ہماری دینی رنگ میں حفاظت کی ہے اِسی طرح خداتعالیٰ اِس کی دنیاوی رنگ میں حفاظت کرے بلکہ دین میں بھی اُسی راستہ پر چلائے جس پر ہم چل رہے ہیں۔اِس میں شک نہیں کہ موجودہ جنگ دنیا میں عذاب کے طور پر آئی ہے اور خداتعالیٰ اس طرح اپنا جلال ظاہر کر رہا ہے۔ کیا خداتعالیٰ دعا کرنے سے اپنے جلال کا اظہار چھوڑ دے گا؟ہاں اِس سے یہ ہو گاکہ جب دنیا دعائوں کے ذریعہ خداتعالیٰ کی طرف متوجہ ہو جائے گی تو پھر اُس کو کیا ضرورت ہے کہ ہلاک کرے۔آپ لوگ دعائیں کریں کہ جس طرح گورنمنٹ نے ہم پر احسان کئے ہیںاِسی طرح خداتعالیٰ ان پر کرے اور ہمارے دل ہمیشہ اپنے محسن کے لئے شکرگزار ہوں نا شکرگزار نہ ہو ں تا خداتعالیٰ کے اور فضلوں اور انعاموںکے جاذب بن جائیں۔‘‘ (الفضل۱۹؍اگست۱۹۱۶ئ)
۱؎ الفاتحۃ:۲
۲؎ ابن کثیر جلد ۲صفحہ۲۴۶ حاشیہ، الیواقیت والجواہر جلد۲ صفحہ۲۲
۲۶
دعائوں کی طرف توجہ کرو
(فرمودہ ۱۱؍ اگست۱۹۱۶ئ)
تشہد،تعوذ اور سورئہ فاتحہ کی تلاوت کے بعد فرمایا:۔
’’کسی کام کے کرنے سے جو انسان اعراض کرتاہے یا کوئی ایسی چیز جس کے حصول کیلئے کوشش نہیں کرتا وہ وہی ہو تی ہے جس کے حاصل کرنے میں کوئی فائدہ اور کوئی نفع نہیں دیکھتایا جس کے حاصل کرنے کے سامان مہیانہیں ہوتے یا جس کے حاصل کرنے کا اسے طریق معلوم نہیں ہوتا۔اگر کسی کام کے کرنے یا کسی چیز کے حاصل کرنے میں اُسے کوئی فائدہ نظر آتا ہو،اس کی ضرورت محسوس کرتا ہو، پھر اس کام کے کرنے یا اس چیز کے حاصل کرنے کا طریق بھی اسے معلوم ہو ،پھر اس کام کے کرنے یا اس چیز کے حاصل کرنے کے ذرائع بھی مہیا ہوں تو کبھی بھی کوئی انسان اس کام کے کرنے یا اس چیز کے حاصل کرنے میں کوتاہی اور غفلت نہیں کرتا۔ سوائے اس کے جس کو بدقسمتی پیچھے کی طرف پھینک دے۔ یا جس کی عقل میں فتور آگیا ہو ۔یا جو بے سمجھی اور نادانی سے سستی کر بیٹھے۔ یا جس کے دل پر غفلت غالب ہو اور گناہوں اور بدافعالیوں کی وجہ سے قلب پر زنگ لگ گیا ہو ورنہ اِن تینوں باتوں کے مہیا ہونے کے بعد کوئی انسان کوشش اور ہمت کرنے سے نہیں رُکا کرتا۔ یعنی اوّل جب کوئی کام یا کوئی چیز اسے ایسی معلوم ہو جس کے حاصل کرنے کی اسے ضرورت ہو اور وہ جس کا محتاج بھی ہو۔ دوم۔ اُس کام کے کرنے یا اُس چیز کے حاصل کرنیکی اُسے ترکیب بھی آتی ہو۔ سوم۔ اُس کے حصول کے سب ذرائع بھی مہیا ہوںتو کبھی کوئی عقل مند انسان سعی کرنے سے نہیں رُکتا۔ لیکن اگر کوئی باوجود ان باتوں کی موجودگی کے کسی کام کے کرنے یا کسی چیز کے حاصل کرنے سے غافل رہے تو ضرور ہے کہ اس کے دل پر زنگ لگ چکاہے اور بداعمالیوں کی زنجیر نے اُسے پیچھے باندھا ہواہے ورنہ کوئی وجہ نہیںکہ وہ اس کے کرنے سے رُکے کیونکہ اگر پھر بھی کسی کے دل پر غفلت اور ہاتھ پائوں میں سستی ہوتو ضرور ہے کہ اس کی بد اعمالیوں کا نتیجہ ہے ورنہ اپنے نفع کو دیکھ کر کبھی کوئی انسان پیچھے نہیں ہٹتا اور پھر جب حاجت مند بھی ہو تو پورا پورا زور لگاتاہے۔ مگر جب باوجود حاجت مند ہونے کے سامانوں کے مہیا ہونے اور طریق کے آنے کی سستی کرتاہے تو ضرور ہے کہ اُس کے قلب پر زنگ لگ گیا ہے۔ اور جس شخص یا جس جماعت کے اعمال میں کسی بات کے متعلق یہ نمونہ نظر آئے اس شخص یا ان لوگوں کو چاہئے کہ اپنے اعمال پر غور کریںاور سوچیں کہ کوئی کل خراب ہے تب ہی مشکلات کے دور ہونے کے لئے دعا کرنے اور اس چیز کے حاصل کرنے میں سستی ہو رہی ہے جس کا حاصل کرنا لازمی اور ضروری ہے۔
میں نے پچھلے چند خطبوں میں دعا کی ضرورت، اس کے مانگنے کی ترکیب اور اس کے قبول ہونے کے ذرائع بیان کئے تھے جس سے ہر ایک شخص آسانی سے سمجھ سکتاہے کہ دعا کے بغیر گزارہ نہیںہے کیونکہ یہی ایک ایسی چیز ہے جو تمام مشکلات اور تمام مصائب سے بچا سکتی ہے۔پھر یہ ایسی چیز ہے کہ اس کی ترکیب استعمال نہایت آسان ہے۔ہر ایک چیز کے حاصل کرنے کے لئے انسان کو کچھ نہ کچھ حرکت کرنی پڑتی ہے لیکن دعا کے لئے کوئی حرکت نہیں کرنی پڑتی۔ اگر کسی انسان کے ہاتھ پائوں میں کیل گاڑ دی جائیں،اُس کی گردن میں موٹے رسّے باندھ دیئے جائیں اور اُس کے تمام جسم پر کوئی ایسا اثر کر دیا جائے کہ اُس کاچمڑا خفیف سے خفیف حرکت بھی نہ کر سکے تو کیا وہ دعا کرنے سے روک دیا جا سکتا ہے؟ہر گز نہیں۔ایسی حالت میں بھی وہ دعا کر سکتا ہے ۔جب دعا ایک ایسی چیز ہے کہ اس کے حصول کے ایسے طریق ہیںجو قرآن کریم اور حدیث میں نہایت واضح طور پر بیان کر دیئے گئے ہیںاور اس کی حاجت بھی بہت سخت ہے پھر بھی اگر کوئی اس کے متعلق سستی کرتاہے تو جیسا کہ میں نے بتایا ہے یہ اس بات کی علامت ہے کہ اُس کے دل اور قلب پر اُس کی بداعمالیوں کی وجہ سے زنگ لگ گیاہے اور اس کے گزشتہ گناہ اس کے لئے روک کا موجب بن گئے ہیں اور اس چیز کے حصول میں مانع ہو گئے ہیںکہ جس کے بغیر اسے کوئی کامیابی نہیں ہو سکتی۔
اللہ تعالیٰ بڑا ر حمن ہے پھر وہ بڑارحیم ہے اُس کی رحمانیت اس طرف متوجہ کرتی ہے کہ انسان اس کی رحیمیت کا بھی مزا چکھے۔یورپ کے لوگ انسانی فطرت پر غور کرتے ہیں اور اپنے کاموں کو عجیب عجیب طریقوں سے ترقی دیتے ہیں۔میں نے دیکھا ہے خداتعالیٰ کی سنتوں پر انہوں نے خوب غورکیا ہے لیکن افسوس کہ مسلمان اِس طرف سے بالکل غافل ہو گئے۔ یورپ کے تاجر جب اپنے کام کی طرف لوگوں کو متوجہ کرنا چاہتے ہیںاور یہ بتاناچاہتے ہیںکہ ہمارا مال اچھا ہے ہم کوئی دھوکا نہیں دیتے اورنہ ہی غلط کہتے ہیں تو وہ نمونہ مفت دینے کااعلان کرتے ہیںکیونکہ بہت لوگ ایسے ہوتے ہیںجو غلط اور جھوٹ اشتہار دے کر لوگوں کو بدظن کردیتے ہیںاس لئے وہ لوگ جنہیںاپنے مال کے عمدہ ہونے اور مفید ہونے کا یقین ہوتاہے سیمپل (نمونہ) شائع کرتے ہیںاشتہار دیتے ہیںاور اس میں لکھتے ہیںکہ ہم یہ نہیں کہتے کہ ہمارا مال قیمتاً منگوائو بلکہ یہ کہتے ہیںکہ ایک پیسہ کا پوسٹ کارڈبھیج کرہم سے اس کانمونہ طلب کرو۔ تمہارا خط آنے پر ہم تمہیں مفت نمونہ بھیج دیں گے۔تم اس کو استعمال کرنا،اگر مفید ثابت ہو تو اَور قیمتاً منگوا لینا ورنہ نہ منگوانا۔اس طرح کرنے کا نتیجہ یہ ہوتاہے کہ لوگوں کو چونکہ صرف ایک پیسہ کا کارڈ لکھنا پڑتاہے اور باقی سب خرچ یعنی دوائی کی قیمت،شیشی کا مول،محصول ڈاک، خط و کتابت کاخرچ مال والوں کو ہی کرنا پڑتا ہے اس لئے بہت سے لوگ نمونہ منگواکر استعمال کرتے ہیں اور جب وہ دیکھتے ہیںکہ اِس تھوڑی سی دوائی سے ہمیں اِس قدر فائدہ ہوا ہے اگر زیادہ کھائیں گے تو ضرور ہے کہ زیادہ فائدہ ہو اِس لئے قیمتاًمنگوا لیتے ہیں اِس طرح کارخانہ والوں کی شہرت بھی ہوجاتی ہے اور فائدہ بھی۔خداتعالیٰ نے بھی اپنے انعام و اکرام دینے کے نمونے مقرر کئے ہوئے ہیں۔انسان کودعا،عبادت اور نیک اعمال کی طرف متوجہ کرنے کے لئے اپنی رحمانیت کی صفت ظاہر کرتاہے جوکہ بغیر عمل کے، بغیر کوشش کے اور بغیر محنت اورتدبیر کے جاری ہوتی ہے۔یعنی بِلا کام کئے خدا کا فضل نازل ہوتا ہے اور وہ نمونہ کے طور پر ہوتا ہے یہی وجہ ہے کہ خداتعالیٰ نے رحمانیت کوررحمیت سے پہلے رکھا ہے۔چنانچہ فرمایا۔ پہلے رحمانیت کوبیان کر کے پھر رحیمیت کو بیان کیا ہے اس سے انسان کواس طرف متوجہ کیاہے کہ یہ ہمارا نمونہ ہے ہم نے کچھ احسانات بغیر تمہارے کہنے اور کچھ کرنے کے تم پر کئے ہیں تم ان پر غور اور تدبرّ کرواور دیکھو کہ تمہیں ان سے کتنا نفع اور آرام پہنچ رہاہے۔ان کے حاصل کرنے کے لئے نہ تم نے کوشش کی ہے، نہ محنت کی ہے، نہ تدبیر کی ہے محض ہمارے فضل سے تمہیں ملے ہیں۔پس جب بغیر تمہاری کسی محنت، کوشش، تدبیر اوربغیر کسی عمل کے ہم نے یہ انعامات دیئے ہیںتواب اگر تم ہمارے احکامات کے ماتحت کچھ کام کرو گے تو سمجھ لو کہ کتنے بڑے انعام حاصل کر لوگے اور رحیمیت کی صفت تمہیں کیا کچھ نہ دکھائے گی۔تورحمانیت کی صفت نمونہ ہے جوانسان کو خداتعالیٰ کی طرف کھینچنے کے لئے ظاہر ہوتاہے کیونکہ جب کوئی انسان خداتعالیٰ کی دی ہوئی نعمتوں پر غور کرتاہے اور دیکھتا ہے کہ جب میں نے کچھ نہیں کیا تو خداتعالیٰ نے مجھے آنکھیں، ناک، کان، عقل، دولت، عزت وغیرہ دی ہے تو جب میںکچھ کروں گااورخداتعالیٰ کے حکم مانوںگاپھر وہ کیا کچھ نہ دے گا۔جس طرح ایک دوائی کا نمونہ استعمال کرنے والا کہتا ہے کہ مجھے اِس تھوڑی سی دوائی نے اِس قدر فائدہ دیا ہے کہ اگر میں زیادہ استعمال کروں گاتوزیادہ فائدہ ہو گااس لئے وہ روپیہ خرچ کر کے اَور منگواتا ہے جو پہلے سے زیادہ آجاتی ہے اِسی طرح رحمانیت کی صفت خداتعالیٰ کی طرف کھینچتی ہے اور بتاتی ہے کہ جب رحمانیت کے ماتحت تجھ پر اِس قدر فضل نازل ہوا تو جب رحیمیّت کے نیچے آجائے گاتو اُس وقت کتنا فضل ہوگاکیونکہ اُس وقت توفضل حاصل کرنے کاتیرااستحقاق پیدا ہوجائے گا۔ گو کسی انسان کا خداتعالیٰ پر کوئی حق نہیں ہے مگر خداتعالیٰ نے خودمقرر کردیاہے اور وہ وعدوںکا سچاہے۔پس بِلا استحقاق کے جب اِس قدر فضل ہوتے ہیںتوجب استحقاق ہو جائے اُس وقت توبہت زیادہ ہوجائیںگے۔ جس طرح دوائی دینے والاجب مفت دوائی دیتاہے تو قیمت لے کر کیوں نہ دے گااِسی طرح خداتعالیٰ جب بغیر کام کے دیتاہے توعمل،محنت اور کوشش کرنے سے کیوں نہ دے گا۔تو رحمانیت نمونہ ہے رحیمیت کا۔اس سے خداتعالیٰ کی شان کا علم ہوتاہے اور جتناجتنا کوئی اس صفت کے نیچے آئے اُتنا ہی زیادہ انعام پاتاہے۔
رحیمیت کے انعام خاص شان اوردرجہ رکھتے ہیں۔ رحمانیت کے ماتحت توساری دنیاہے ایک کتااور بلا بھی اسی کے ماتحت ہے لیکن رحیمیت کے انعام خداکے خاص خاص بندوں کوہی ملتے ہیںاورجانتے ہوجو فضیلت ان کوحاصل ہوتی ہے اس کاکوئی اندازہ نہیں لگا سکتا۔ رحمانیت کانزول چونکہ سہارے کیلئے ہوتاہے اس لئے سب کوحاصل ہوتی ہے۔جیسے دوائی کانمونہ ہے ہر ایک شخص کودیاجاتاہے جودرخواست کرتاہے لیکن پھرپوری دوائی اُسی کودیتے ہیںجوقیمت ادا کرتاہے اورایسے چند ہی ہوتے ہیں۔اِسی طرح خداتعالیٰ کی رحیمیت بھی خاص ہے اور خاص لوگوں سے ہی تعلق رکھتی ہے اِس سے جو لطف اور سرور وہ اُٹھاتے ہیںوہ اور کوئی نہیں اُٹھا سکتا۔ اللہ تعالیٰ کی رحمانیت کے ماتحت آنکھ، ناک، کان، زبان وغیرہ سب کوملے ہوئے ہیں اس میں آنحضور صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم بھی ہمارے ساتھ شریک ہیںمگرپھر وہ کیا چیز ہے جس کی وجہ سے آپؐ کوتمام نبیوں سے بڑھا دیاہے۔وہ آپؐ کاپورے طور پررحیمیت کے ماتحت آناہے۔آپ ؐنے خداتعالیٰ کی رحمانیت کودیکھ کر سمجھا کہ یہی ایک بہت بڑی ہستی ہے اور تمام کامیابیاں اور ترقیاں اِسی سے تعلق رکھتی ہیں۔یہ سمجھ کرآپؐ پر رحمانیت نے وہ اثر کیاکہ تمام انسانوں سے بڑھ کر اپنے تمام جوارح کو خداتعالیٰ کی اطاعت میں لگادیااس لئے سب سے بڑے اور کامل رحیمیت کے مظہرآپؐ ہی ہوئے اور سب اگلوں پچھلوں سے بڑھ گئے۔ پس ہرایک انسان کوچاہئے کہ وہ خداتعالیٰ کے رحمانیت کے نمونوں کو دیکھے تااسے رحیمیت کے فضل حاصل کرنے کی خواہش پیدا ہو۔ لیکن جب احتیاج بھی بہت ہو، سامان بھی میسر ہوں، ترکیب بھی آتی ہوتوپھرسوائے اِس کے کہ انسان کے دل پر اپنے شامت اعمال کی وجہ سے زنگ لگ چکا ہوکوئی وجہ نہیں ہو سکتی کہ وہ دعا کرنے سے باز رہے اور اپنے اعمال میں اصلاح پیدا نہ کرے۔
ہماری جماعت کے لوگوں پرخداتعالیٰ نے بہت فضل کئے ہیں۔ وہ باتیں جوپوشیدہ تھیں ان پر ظاہر کی ہیں، وہ نور جولوگوںکی نظروں سے نہاں تھا اُن پر آشکارا کردیاہے،وہ دروازہ جو دوسروں پر بندتھا ان پر کھول دیا ہے اس لئے ہمارے لئے بہت کچھ آسانیاں ہو گئی ہیں کیونکہ دوسرے لوگ دعا کی حقیقت، خداتعالیٰ کے قرب کے فوائد اور اس کے حاصل کرنے کی ترکیبوں سے واقف نہیں ہیں اور نہ ہی وہ اس کی حاجت سمجھتے ہیں۔ان کے لئے دنیا کی دولت، مال، عہدہ اور خطاب ہی سب کچھ ہیں اِس لئے اُن کو نہ حاجت ہے نہ ان کے پاس سامان ہیں اور نہ ہی ترکیب استعمال جانتے ہیں اِس لئے وہ ایک حد تک معذور بھی ہیں۔لیکن جن کے لئے خداتعالیٰ نے سب ذرائع مہیا کردیئے ہیں اور سب قسم کے بند کھول دیئے ہیںوہ اگر دعائیں کرنے میں سستی کریںتو کس قدر افسوس کی بات ہے۔
میری اِن خطبات سے یہ مراد نہ تھی کہ میں کوئی علمی مضمون بیان کروںبلکہ یہ تھی کہ اپنی جماعت کو اس طرف متوجہ کروں اور دعا کرنے کی عادت ڈالوں۔ بہت لوگ ہیں جو دعائوں میں سستی کرتے ہیں۔ (بہت سے مراد ایک کثیر حصۂ جماعت مراد نہیں بلکہ یہ کہ ایسے لوگ بھی تھوڑے نہیں) ان کے لئے یہ کافی ہے کہ کسی سے سلسلہ کے متعلق بحث مباحثہ کرلیا جائے مگر وہ اصلاح جو حضرت مسیح موعودؑپیدا کرنا چاہتے تھے اُس سے غافل ہیں۔ اِس قسم کے جوش جن میں محض زبان ہی زبان کام کر رہی ہو کوئی نفع نہیں دیتے۔نفع اِسی سے ہوتا ہے کہ انسان اپنے تمام جوارح پر اللہ تعالیٰ کے احکام جاری کرے اور اُس کی محبت میں گداز ہوجائے اور اُس کی اُلفت میںگرد بن جائے، اگر کوئی شخص یہ نہیں کرتا تو حکم عدولی کرتاہے۔تو صرف زبان سے ہی اقرار کرلینانہ صرف کوئی فائدہ ہی نہیں دیتا بلکہ بہت زیادہ نقصان بھی پہنچاتاہے۔ پھر ہو سکتا ہے کہ کوئی سچے دل سے اقرار کرتا ہو مگر اُسے عمل کی توفیق نہ ملتی ہوتو یہ اُس کے پچھلے گناہوں کے زنگ کی وجہ سے ہو گا۔ جس طرح ایک شخص بیڑیوں سے جکڑ اہوا ہو اور اس کے کھانے کے لئے شیر آرہاہوتو کوئی یہ نہیں کہے گاکہ اُس کے دل میں شیر کا خوف نہیںہے اس لئے خاموش بیٹھا ہے اور بھاگتا نہیںکیونکہ وہ تو بھاگ ہی نہیں سکتا۔اگر وہ بھاگ سکتا تو وہ ضرور بھاگ کر جان بچانے کی کو شش کرتا۔وہ جانتاہے کہ خونخوار شیر مجھے کھا جائے گا مگر چونکہ اس کے پائوں بندھے ہوئے ہیں اس لئے بھاگنے کی طاقت ہی نہیں رکھتا۔ اِسی طرح بعض لوگوں کو ایمان توحاصل ہوتا ہے لیکن ان کے پچھلے گناہ اور نقص اعمال کے راستہ میں حائل ہو جاتے ہیں اوران کے پائوں میں بیڑیوں کی طرح، ان کے ہاتھ میںہتھکڑیوں کی طرح اور ان کے گلے میں طوقوں کی طرح پڑے ہوتے ہیں۔ وہ اِس بات کو جانتے ہوئے کہ ہمیں یوں کرنا چاہئے اس طرح نہیں کر سکتے اور اس سے اپنے دل میںکڑھتے بھی ہیں ،افسوس بھی کرتے ہیں مگر کرتے وہی ہیں جو انہیں نہیں کرنا چاہئے یہ اعمال کے زنگ کی وجہ سے ہوتا ہے۔ اُن کا دل خوب محسوس کرتا ہے مگر کشش بُرائی کی طرف ہی کرتاہے۔ اِس وقت یہی علاج ہے کہ زنگ کو دور کیا جائے اور پائوں کی زنجیروں کے توڑنے اور ہاتھوں کی ہتھکڑیوں کے کاٹنے اور گلے کے طوقوں کو اُتارنے کی کوشش کی جائے۔ جب یہ ہو جائے گا تو پھر ایمان نفع اور فائدہ دیگا اور یہ سب کچھ دعا کے ذریعہ ہوسکتاہے۔
ہماری جماعت میںجو ایسے لوگ ہیں اُن کو اِس طرف توجہ کرنی چاہئے اور اس کا یہی علاج ہے کہ انہیں جس قدر دعا کرنے کی توفیق ملے اُسے اسی کے لئے خرچ کریں لیکن اگر دل قائم نہ ہو تو زبان سے لفظ نکالنے کی جس قدر توفیق ملے اُسی قدر نکالیں۔ اگرلفظ بھی نہ نکال سکتے ہوںتو خیالات کے ذریعہ ہی دعا کی طرف متوجہ رہیں۔زبان سے کہنا اوربات ہوتی ہے اور خیالات کرنا اَور ۔اگر دعا کرنے سے کسی کا قلب منکر ہو اور زبان بھی انکار کرتی ہوکہ لفظ نکالے تو اسے اس طرف خیالات دَوڑانے چاہئیں۔اگرچہ خیالات بہت ہی ادنیٰ ہوتے ہیں جس طرح ایک بہت مریل سا گھوڑا ہوجو چاہے اُس کے اوپر چڑھ بیٹھے یہی حال خیالات کا ہوتا ہے لیکن انسان کم از کم خیالات کے ذریعہ تو دعا کی طرف متوجہ ہو۔ اس سے آہستہ آہستہ اوپر ترقی شروع ہو جاتی ہے ۔
پہلے زمانہ میں مجرموں کو سزا دینے کا یہ طریق ہوتا تھا کہ کسی بڑے اونچے مینا ر پر قید کردیتے تھے۔ایسے قیدیوں کو جو لوگ چھڑانا چاہتے وہ اتنی اونچی جگہ کوئی مو ٹا رسّہ تو پھینک نہ سکتے جس کے ذریعہ وہ نیچے اُتر آئے اس لئے اِس طرح کرتے کہ ایک باریک دھاگے کا گولہ تیر کے ساتھ باندھتے اور اسے کمان کے ذریعہ اوپر پہنچاتے۔ اِس طرح دھاگہ اُس قید ی تک پہنچ جاتا وہ اُس کا ایک سرا خود پکڑتا اور باقی کو نیچے گرادیتا۔پھر وہ اس کے ساتھ ذرا موٹا دھاگہ باندھ دیتے جسے وہ اوپر کھینچ لیتا اِس طرح کرتے کرتے آخر کا ر وہ موٹا رسّہ اُس تک پہنچا دیتے تھے اور وہ نیچے اُتر آتا تھا۔ یہ ترکیب اس لئے ایجاد کی گئی کہ کمزور چیز بڑا بوجھ نہیں اُٹھا سکتی ۔ یہی حال دعا اور اعمال میں ہوتا ہے۔ وہ انسان جو زیادہ بوجھ نہیں اُٹھا سکتا۔ اُسے چاہئے کہ پہلے تھوڑا اُٹھائے اور جب اسے عادت ہو جائے گی تو زیادہ سے زیادہ اُٹھا تا جائے اور اس طرح کرتے کرتے بڑے سے بڑا بوجھ بھی اُٹھا لے گا ہاں اسے چاہئے کہ ہمت نہ ہارے اور مایوس نہ ہو۔
ہمارے راستہ میں جو مشکلات حائل ہیںان کا انکار کوئی نادان ہی کرے تو کرے ورنہ عقل مند کبھی نہیں کر سکتا۔ہم نے تمام دنیا سے مقابلہ کی ٹھانی ہوئی ہے لیکن نہ ہمارے پاس مال ہے نہ دولت ہے، نہ دنیاوی عزت ہے نہ حکومت ہے،اس صورت میں اگرہم وہ حقیقی ہتھیار جو خداتعالیٰ کی طرف سے ہمیں ملا ہے اس سے بھی کام نہ لیں تو اور کیا صورت ہو گی جس سے ہم کامیاب ہونگے۔ایک جنگل اور بیابان میں بیٹھا ہواانسان غافل نہیں ہوتاکیونکہ وہ جا نتاہے کہ اس میں شیر،چیتے اور ڈاکو رہتے ہیں لیکن وہا ں تو ایک آدھ شیر چیتے کا ڈر ہوتاہے یہاں کروڑوں کروڑ شیر اِس بات کے لئے تیار ہیںکہ ہمیں چیر پھاڑ کر پھینک دیں۔ اگر کہیںایک شیر ہو بلکہ شیر نہ بھی ہو صرف وہم ہی ہو یا ایک ڈاکوئوں کی جماعت ہو، جماعت نہ بھی ہو صرف خیال ہی ہو تو بھی لوگ ہو شیار اور چوکس رہتے ہیں لیکن ہمارے لئے ایک شیر نہیں بلکہ کروڑوں شیر ہیں، ایک ڈاکوئوں کی جماعت نہیں بلکہ بے شمار ڈاکوہیں اِس لئے ہمیں ہوشیار رہنے کی بہت ہی ضرورت اور حاجت ہے اس لئے ہمیں جس رنگ اور جس طریق سے توفیق ملے اُسی سے کوشش اور ہمت کرنی چاہئے۔ پھر جبکہ ہم خداتعالیٰ کے قرب اور اُس کے فضل کے محتاج ہیں اور اس کے حصول کے ذرائع اور طریق بھی معلوم ہیں پھر غفلت کیسی۔اگر کسی میں غفلت ہے تو اس کے پہلے گناہوں کے زنگ کی وجہ سے ہے جسے بہت جلد دور کرنے کی کوشش کرنا چاہئے، اگر دل کے ایک حصہ میں زنگ لگ چکا ہے تو دوسرے حصہ کے ذریعے اُسے کھرچنے کی کوشش کرو۔ایک ہاتھ بندھا ہو تودوسرے سے کھولنے کی کوشش کی جاتی ہے ۔ایک پائوں گڑا ہوا ہو تو دوسرے سے نکالنے کی ہمت کی جاتی ہے۔ تم بھی اِسی طرح کرو۔ اگر قلب پر زنگ ہے تو زبان سے ہٹانے کی کوشش کرو۔ اگر زبان پر ہے تو ہاتھ سے ہٹانے کی کوشش کرو۔اور اگر ہاتھوں پر ہے تو پائوں سے۔اس طرح تمہیںایک چھوٹا عمل بڑے کی توفیق دے گااور وہ اس سے بھی بڑے کی۔ اللہ تعالیٰ فرماتاہے ؎۱ اللہ تعالیٰ اپنے انعامات کسی قوم سے اُس وقت تک واپس نہیں لیتاجب تک کہ اس میں کمزوریاں او رنقص نہیں پیدا ہو جاتے۔ پس اگر تم پر کوئی مصیبت یا ابتلاآتا ہے تو تمہارے ہی ہاتھوں کی کمائی ہوئی وجہ سے۔ اس لئے ہوشیار ہوجائو اور اس کے دور کرنے کیلئے کوشش کرو۔ خدا تعالیٰ کے وعدے سچے ہیںوہ ضرور پورے ہوں گے مگر تم اپنی غفلت اور سستی کو چھوڑدو۔میں تو اس کو بھی نیچریت ہی سمجھتا ہوں کہ کوئی منہ سے دعوے تو بہت کچھ کرے مگر قلب کے حضور کے ساتھ ان کے حصول کی کوشش نہ کرے۔ اللہ تعالیٰ کے بتائے ہوئے طریقوں سے استکبار کرنا اچھا نہیں گو کوئی ان کو اچھا سمجھے لیکن جو اپنے خیالات یا موجودہ زمانے کے حالات سے ڈر کر ذکرِالٰہی کوعملی طور پر لغوسمجھنے اور اس کے لئے کوئی وقت خالی نہ کرے، آنحضرت ﷺ پر درُودنہ بھیجے وہ عملی طور پر استکبار کرتا اور خداتعالیٰ کے بتائے ہوئے طریقوں کی تحقیر کرتاہے۔
بہت سے لوگ ایسے ہیںجو تہجد اور نوافل پڑھنے کی کوشش نہیں کرتے،بہت ایسے ہیںجو صرف فرائض کا ادا کر لینا ضروری سمجھتے ہیںحالانکہ رسول کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم فرماتے ہیںکہ بندہ نوافل سے قرب الٰہی حاصل کرتاہے۔ لوگوں نے اس کے یہ معنی کئے ہیں کہ نوافل بھی قرب کا باعث ہوتے ہیںلیکن میرے نزدیک اس میں ذرا بھی شک نہیں کہ نوافل ہی قرب کا باعث ہوتے ہیں کیونکہ فرائض کی ادائیگی انسان کو ایمان کے درجے تک پہنچاتی ہے۔دیکھ لوگورنمنٹ کے ملازمین کے جو فرائض ہوتے ہیںان کے ادا کرنے پر وہ صرف تنخواہ کے حق دار ہوتے ہیںانعام کے نہیں۔ ہاں اگر وہ اپنے فرائض سے بڑھ کر کوئی کام کریںتو بے شک انعام پاتے ہیں۔ اِسی طرح صرف فرائض کا ادا کرناخداتعالیٰ کے قرب کا باعث نہیں ہوتا بلکہ یہ ایمان کی بنیا د پر قائم کرتاہے آگے نوافل بڑھاتے اور درجہ دلاتے ہیں۔پھر بعض اوقات نوافل فرائض کی جگہ بھی کام آتے ہیںکیونکہ کوئی فرض کسی دل سے ادا کیا جاتاہے اور کوئی کسی سے اس لئے نوافل فرائض کے قائم مقام ہوجاتے ہیں۔ مثلاً ایک گڑھا ہواگر وہ زیادہ گہرا ہوتواس میں جو مٹی ڈالی جائے گی وہ اُسی میں غائب ہوجائے گی لیکن اگر کم گہرا ہو تو اور مٹی ڈالنے سے وہ گڑھے والی جگہ اَور بھی اونچی ہو جائیگی اِسی طرح اگر فرائض کی کمی ہو تو نوافل اسے پُر کردیتے ہیںاور اگر کمی نہ ہو تواُسے اور اونچا کردیتے ہیں۔
بہت سی باتیں ہیںجن کی طرف لوگوں کی توجہ نہیں ہے۔بحث ومباحثہ کرنے میں تو ہوشیار ہیں مگر ذکرِ الٰہی اور دعا کرنے میں سست اور غافل ۔ لغو اور فضلول باتوں سے پرہیز نہیں کرتے اور دین کی عظمت اُن کے دلوں میں نہیں ہے۔ تہجد کی ادائیگی اور نوافل کے پڑھنے کی طرف خیال نہیں کرتے۔
یہاں کے بعض لوگوں میں بھی یہ کمی ہے جس کے دور کرنے کی طرف انہیں بہت جلد توجہ کرنی چاہئے۔ یہا ں قریباًنو ماہ سے بخار چلاآتاہے اس کے آنے سے دو تین ماہ پہلے میں نے اپنا رئویا بھی بتلا دیاتھا کہ میں نے یہ خطرناک بخار دیکھا ہے۔خداتعالیٰ کی طرف سے پہلے بتانے کی یہی غرض ہوتی ہے کہ لوگ عاجزی اور تضرع اختیار کریں اور خدا کے حضور گر جائیں۔کہتے ہیں شیر کے آگے اگر کوئی گر جائے تووہ حملہ نہیں کرتا۔شیر کا تو پتہ نہیں لیکن اگر کوئی خداکے آگے گرے تو وہ ضرور ہی حملہ نہیں کرتا۔ جو کوئی خدا کے حضور گرتا ہے وہ گویا اپنے نفس کو مار دیتا ہے اس لئے سزا سے بچ جاتا ہے۔ دیکھو انسان کے آگے بھی کوئی جھک جائے تو اسے بھی شرم آجاتی ہے پھر خدا تعالیٰ اپنے آگے گرے ہوئے پر کیوں رحم نہ کرے۔
بچپن میں ہم نے ایک کشتی بنوائی تھی لڑکے اُسے ڈھاب میںتیرانے کے لئے لے جاتے تھے اور بے اختیاطی سے توڑدیتے تھے۔میں نے ایک دفعہ لڑکوں سے کہاکہ جب کوئی لڑکا کشتی لے جائے تومجھے بتانامیں اُسے سزا دوں گا۔چنانچہ ایک دن جب چند لڑکے اسے لے گئے تو لڑکوں نے مجھے بتایا۔میں وہاں گیاتووہ سب بھاگ گئے لیکن ایک کو پکڑلیاگیا۔جب میں اسے مارنے لگاتو اُس نے آگے سے سر ڈال دیااور کہا کہ لو مار لو۔یہ سن کر میری ہنسی نکل گئی اور میں نے اُسے چھوڑ دیا۔تو جھکے ہوئے پر جب انسان کو بھی رحم آجاتا ہے تو خدا کو کیوں رحم نہ آئے، جھکنے سے اُس کا بھی غضب ٹھنڈا ہوجاتا ہے۔اللہ تعالیٰ گرے ہوئے پر کبھی قدم نہیں مارتا۔ ہاں جو چھاتی نکال کر کھڑا ہو جائے اور غلطی کر کے اُس پر اکڑے اُسے گراتاہے اور جس پر سے اُس کا غضب ٹھنڈا ہو جاتا ہے وہ نہ صرف سزا سے بچ جاتا ہے بلکہ اس کے لئے خدا تعالیٰ کی رحمانیت بھی جوش میں آتی ہے۔
غرض ہماری جماعت کے لئے بہت توجہ کی ضرورت ہے۔ یہاں کے لوگ بھی اور باہر کے بھی نمازوں میںبہت ہوشیاری پیدا کریںاور دعائیں کریں۔ جس طرح استقلال کی ہر ایک کام میںضرورت ہوتی ہے اِسی طرح دعامیں بھی ہے۔ بہت لوگ ایسے ہوتے ہیںجو چند دن دعا کرکے چھوڑ دیتے ہیں، پھر مساجد میں بہت سی لغو باتیں اور بیہودہ جھگڑے کئے جاتے ہیںحالانکہ مسجدیں ذکرِ الٰہی اور دینی امور کے لئے ہیں۔ اِسی طرح بہت سی باتیںہیں جو بظاہر چھوٹی معلوم ہوتی ہیں مگر ان کی وجہ سے آہستہ آہستہ دل پر زنگ لگنا شروع ہو جاتاہے جس طرح ایک چھوٹی نیکی بڑی نیکی کا موجب ہوتی ہے اِسی طرح چھوٹی بدی بڑی بدی کا باعث ہوتی ہے۔ تم لوگ ان باتوں میں اصلاح کرو اور اپنے اندر عاجزی اور فروتنی کا مادہ پیدا کرو تاکہ اگر خداکا غضب ہو تو ٹھنڈا ہوجائے۔ یہ بیماریاں اور مشکلات بلاوجہ نہیں آ رہیں جماعت کا کوئی نہ کوئی حصہ ضرور ایسا ہے جس کی وجہ سے یہ تکالیف ہیں اس لئے اصلاح کرو اور دعائوں پر خوب زور دو۔جب تمہارے سامنے دو چیزیںہیں ایک خدا کا غضب اور دوسرے اُس کا رحم، تو تم اچھی چیز کو حاصل کرنے کی کوشش کرو۔اس کے حصول کے لئے دعائیں کرو اور بہت کرو اور عاجزی بھی پیدا کرو ۔ صرف دعا اُس وقت تک کوئی نتیجہ پیدا نہیں کرتی جب تک کہ اس کے ساتھ عاجزی نہ ہو۔ ایک پگھلاہوا اور گدازقلب اگر غلطی کرتاہے تو بھی اسے خدا کے حضور گرنے کا موقع مل جاتاہے اس لئے وہ آئندہ اِس قسم کی غلطی سے بچ جاتاہے۔
آجکل ہیضہ بہت پھیلا ہوا ہے ایسے غضب کے دنوں میں بہت بڑی توجہ کی ضرورت ہے تاکہ تم پر خداتعالیٰ کا فضل نازل ہو۔ جب فضل نازل ہو جائے تو پھر اس کا غضب ہٹ جاتاہے کہ رحم اور غضب دونوں ایک جگہ جمع نہیں ہوسکتے۔ خداتعالیٰ فرماتا ہے۔ ۲؎ میری رحمت ہر شے پر چھائی ہوئی ہے حتی کہ دوسری صفات پر بھی غالب ہے توجب خدا کی رحمت آتی ہے سب بلائیں ٹل جاتی ہیں۔ حضرت مسیح موعودؑ کو الہام ہو ا تھاکہ مجھے آگ سے مت ڈرائوآگ ہماری غلام بلکہ غلاموں کی بھی غلام ہے۔۳؎ تو آگ سے کس وقت ڈر نہیں؟ جبکہ اپنے آپ کو غلام بنائو۔ تم اپنے آپ کو خداتعالیٰ کے حضور اور نبیوں کے احکام کے آگے عبد کی طرح بنائو پھر کوئی چیز تمہارے لئے روک نہیں ہوسکے گی۔ نہ تم پر مصائب آئیں گے، نہ بیماریاں غالب ہو سکیں گی،نہ دشمن کچھ بگاڑ سکیں گے۔
اللہ تعالیٰ ہماری جماعت کو اپنے کرم اور رحم کے ماتحت لائے اور تمام جماعت پر اپنا فضل کرے اور اپنے خاص انعامات کا وارث بنائے اور ہمیںان عہدوں کے پوراکرنے کی توفیق دے جو ہم نے کئے ہیں۔ وہ طاقت بخشے جس سے ہم اس کے انعاموں کے جذب کرنے والے بنیں اور وہ قوت دے جو اس کے غضب کو ہٹانے اور رحم کو کھینچنے والی ہو۔‘‘ آمین
(الفضل ۲۲؍ اگست ۱۹۱۶ئ)
۱؎ الرعد: ۱۲ ۲؎ الاعراف: ۱۵۷
۳؎ تذکرہ صفحہ ۳۹۷۔ ایڈیشن چہارم
۲۷
مشکلات کے وقت بہت زیادہ ہمت دکھانی چاہئے
(فرمودہ ۲۵؍اگست ۱۹۱۶ئ)
تشہد، تعوذ اور سورۃ فاتحہ کے بعد حضور نے مندرجہ ذیل آیات کی تلاوت کی:۔
۔ ؎۱
پھر فرمایا:۔
’’کم ہمت انسان کبھی بھی دنیا میں کوئی کامیابی حاصل نہیں کرسکتابلکہ اپنے ہا تھ سے اپنی کامیابی کو خود ضائع کرتا ہے۔بہت سے لوگ ایسے ہوتے ہیںکہ ایک کام کرتے کرتے جب اِس حد تک پہنچ جاتے ہیں کہ کامیابی کا وقت نزدیک آجاتا ہے تو اسے چھوڑ کر بیٹھ جاتے ہیں۔ان کی مثال اُس شخص کی طرح ہوتی ہے جو کنواں کھودنے لگے لیکن جب کھودتے کھودتے ایسی ریت نکل آئے کہ جس کے بعد پانی نکلتا ہے تو ہار کر بیٹھ جائے کہ اب مجھ سے محنت نہیں ہوسکتی حالانکہ وہی وقت اُس کی محنت کا وقت ہوتاہے اور اُسی وقت تمام محنتیں ثمر لانے والی ہوتی ہیںاوران کے نتائج برآمد ہوتے ہیںاگر کوئی ایسے وقت سستی کرتا اورہمت ہار کر بیٹھ جاتا ہے تو اورکب چستی کرے گا۔ اُس وقت کی سستی اُس کی معمولی حیثیت کوبھی ضائع کر دے گی اور وہ پہلے سے بھی زیادہ گر جائے گا۔تو کم ہمت انسان اپنی نادانی، کم ہمتی اور سُستی کی وجہ سے اُن تمام پھلوں اور ثمرات کو جو اُسے محنت کے نتیجہ میں حاصل ہوتے ہیں ضائع کر دیتاہے۔لیکن ہمت اور استقلال والا انسان کبھی مصائب اور مشکلات سے نہیں گھبراتا بلکہ جتنے زیادہ مصائب اور مشکلات آئیں وہ سمجھتا ہے کہ اتنے ہی زیادہ جوش اور ہمت سے مجھے کام کرنا چاہئے۔ اگر پہاڑوں کے پہاڑ مصائب کے اُس پر ٹوٹ پڑیںپھر بھی وہ اُسی یقین اور استقلال سے کام کے لئے جاتا ہے جو اسے پہلے سے حاصل ہوتا ہے۔ اور وہ خوب سمجھتا ہے کہ جب خداتعالیٰ نے کام ہی ایسے بنائے ہیں کہ انسان محنت ،تدبیر اور لگاتار کوشش سے اُنہیں کرے تب کامیابی ہوتو پھر کوئی وجہ نہیں کہ میں پوری ہمت اور کوشش کئے بغیر چھوڑ کر بیٹھ رہوں اور کام نہ کروں۔میرے سامنے اگر کوئی روک واقع ہوتی ہے اور کوئی مشکل پیش آتی ہے تو مجھے تو اپنی انتہائی طاقت اورکوشش سے کام کرنا چاہئے۔
اگر غور کیا جائے تو مصائب اور مشکلات کے وقت جس قدر محنت اور کوشش کرنے کی ضرورت ہوتی ہے اُتنی کسی اَور وقت نہیں ہوتی ۔گویا محنت کرنے کا اصل وقت وہی ہوتا ہے کہ جس کے بعد کامیابی نصیب ہوتی ہے۔ دنیا میں جس قدر کامیاب اور نامور لوگ گزرے ہیں اُن کی ز ندگیوں پراگر نظر کی جائے تو صاف معلوم ہوتا ہے کہ اُن کے لئے سب سے زیادہ کام کرنے کا وقت وہی ہؤا ہے جبکہ سب سے زیادہ مشکلات اُن کے سامنے آئی ہیں اور اُن کے لئے سب سے زیادہ جرات اور بہادری دکھانے کا وہی موقع ہؤا ہے جبکہ سب سے زیادہ خوف و خطر اُن کو درپیش ہؤا ہے اور وہ سب سے زیادہ اُسی وقت خطرہ اور تکلیف سے بے پرواہ ہوئے ہیں جب کہ حد سے زیادہ ڈر اور خوف اُن کے سامنے آیا ہے۔
میں نے بارہا ایک صحابی کا واقعہ سنایا ہے اُن کا نام ضرار بن ازورؓ تھا بڑے بہادر اور دلیر تھے اور بہادری میں خاص شُہرت رکھتے تھے۔ وہ ایک دفعہ ایسے دشمن کے مقابلہ کے لئے نکلے کہ جس کے مقابلہ میں کئی مسلمان نکل کر شہید ہو چکے تھے ۔بعض بڑے بہادر مسلمان بھی اس کے مقابلہ میں گئے مگر وہ اتنا طاقتور تھا کہ باوجود ان کے ایمانی جو ش اورجرأت کے اُن کو اس نے شہید کر دیا۔ اِس مقابلہ کے لئے ضرارؓنکلے۔ جب میدان کے درمیان میں پہنچے تو جلدی سے بھاگ کر واپس لوٹ آئے اور اپنے خیمہ میں چلے گئے۔ مسلمانوں میں تو ایک کمزور سے کمزور شخص بھی بزدلی اور ڈر کا نام تک نہیں جانتا تھا اور اُس کے وہم میں بھی نہیں آسکتا تھا کہ کسی کافر کے مقابلہ سے بھاگ آئے اور وہ تو خاص شہرت اور نامور ی رکھتے تھے اِس لئے ان کے واپس لوٹنے سے مسلمانوں پر بہت بُرا اثر ہوا۔اور وہ گھبرا گئے کہ یہ کیا ہو گیاہے،ضرار کیوں واپس لوٹ آیا ہے چنانچہ بعض صحابہ ؓ اِس بات کے دریافت کرنے کے لئے ان کے پاس گئے۔ ایک صحابی ان کے خیمہ کے دروازہ تک ہی پہنچا تھاکہ وہ باہر نکل رہے تھے اُس نے پوچھاآپ نے یہ کیا کیا؟تمام مسلمانوں میںسخت گھبراہٹ اور غیرت پھیلی ہوئی ہے اوروہ بڑے اضطراب سے دریافت کر رہے ہیںکہ آپ ایسا بہادر انسان ایک کافر کے مقابلہ سے کیوں بھاگ آیا ہے؟ اُنہوں نے جواب دیا کہ میں ڈر سے نہیں واپس لوٹا تھابلکہ بات یہ تھی کہ آج میں نے دو زِرہیںپہنی ہوئی تھیں۔جب میں دشمن کے مقابلہ کے لئے چلاتو مجھے خیال آیاکہ اِس کافر نے کئی ایک مسلمانوں کو شہید کر دیا ہے اے ضرار!کیا تم نے دو زرہیں اس لئے تو نہیں پہنیں کہ تو اُس سے ڈر گیا ہے؟ اِس خیال سے میں ایسا شرمندہ ہوا کہ گویا میں خداتعالیٰ کی ملاقات سے ڈرتا ہوں اِس بات کا مجھ پر اتنا خوف طاری ہواکہ میں نے کہا کہ اگرمیری جان نکل جائے تو میں جہنم میں ڈالا جائوں گا اِس لئے میں جلدی بھاگا بھاگا واپس آیا ا ب میں نے زِرہیں اُتار دی ہیں اور اُس کے مقابلہ کے لئے جا رہا ہوں۔ ؎۲
چونکہ کافر نے ایسے ہمت دکھائی تھی کہ کئی صحابہ کو شہید کر دیا تھااس لئے اُس کے مقابلہ میں اِس صحابی نے بھی ایسی ہی جرأت دکھائی ۔وہ ایک خاص دشمن تھا اِس لئے اِس صحابی نے کہا کہ بڑے دشمن کے لئے بڑے ہی دل کی ضرورت ہے۔چنانچہ اِس نے اِتنا بڑا دل دکھایا کہ زِرہیں بھی اُتار کر مقابلہ کے لئے گیااور جا کر مار لیا۔
تو جس قدر خطرہ بڑا ہوتا ہے بہادر اور جواں مرد انسان اس کے مقابلہ میں جرأت بھی اُتنی ہی بڑی دکھاتے ہیں۔خطرہ سے ڈرنا اور خوف سے بھاگنا یہ تو بزدلی ہوتی ہے اور یہ بہت کم ہمت اور غیر مستقل مزاج انسان کا کام ہے۔ لیکن ایک ایسا شخص ہوتا ہے کہ دشمن سے ڈرتا نہیں بلکہ مقابلہ کرتا ہے۔پھر اس سے بڑھ کر یہ ہے کہ نہ صرف مقابلہ کرتا ہے بلکہ اس سے بالکل نڈر ہو جاتا ہے اور ذرا پر واہ نہیں کرتا کہ کیا نتیجہ نکلے گا۔یہ اعلیٰ درجہ کی جرات اور بہادری کہلاتی ہے اور ایسے ہی لوگ جرأت اور بہادری کا اعلیٰ نمونہ دکھاتے ہیں۔بزدل تو دشمن کے مقابلہ سے بھاگ جاتے ہیں اور دلیر مقابلہ کرتے ہیں اور جو بہت زیادہ دلیر اور بہادر ہوتے ہیں اور جن میں خاص ایمانی جرأت ہوتی ہے وہ نہ صرف مقابلہ کرتے ہیں بلکہ دشمن کو حقیر سمجھتے ہیں اور جب اُس پر غلبہ پا لیتے ہیں تو یہ سمجھتے ہیں کہ ہمارے دل پر جو ایک بوجھ سا پڑا ہوا تھا وہ اُتر گیا ہے۔گویا مقابلہ کرنا تو الگ رہا وہ جرأت میں ایسے بڑھ جاتے ہیں کہ بڑے سے بڑا دشمن ان کی نظر میں کچھ وقعت اور حقیقت نہیں رکھتا۔صحابہ کرامؓ کی شان میں اللہ تعالیٰ فرماتا ہے کہ وہ اِسی قسم کے تھے۔
جنگ احزاب کے موقع پر دشمنانِ اسلام بہت زیادہ تعداد میں جمع ہو کر حملہ آور ہوئے تھے یعنی اُن کا لشکر دس ہزار جوانوں پر مشتمل تھا۔اتنا بڑا لشکر عرب میں اس قسم کی مقامی جنگوں میں پہلے کبھی جمع نہیں ہوا تھااور نہ ہی ایسے چیدہ چیدہ لوگ کبھی اکٹھے ہوئے تھے لیکن یہ لشکر خاص طور پر تیا ر کیا گیا تھا۔ گویا ملک عرب نے اپنے تمام بہادر اُگل کر انہیں کہہ دیا تھا جائو جاکر اسلام کو (نَعُوْذُبِاللّٰہِ)بیخ و بن سے اُکھیٹر کر پھینک دو۔تمام اقوام اور قبائل کے سردار اپنا اپنا لشکر لے کر آگئے تھے اور یہود جو مدینہ میں رہنے والے تھے اُن کے ساتھ انہوں نے یہ منصوبہ گانٹھ رکھا تھاکہ باہر سے ہم حملہ آور ہوں گے اور اندر سے تم مسلمانوں کی عورتوں اور بچوں اور بوڑھوں کو قتل کرنا شروع کردینا۔ ؎۳ اس خطر ناک حالت میںرسول کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے مدینہ کے گرد خندق کھودنے کا حکم فرمایا ۔مسلمانو ں کی تعداد منافقوں سمیت تین ہزار تھی اور اگر منافق نکا ل دئیے جائیں تو اَوربھی کم ہوجاتی ہے لیکن کفار دس ہزار تھے اور چنے ہوئے تھے اور یہ ایسا خطرناک موقع تھا کہ وہ منافق جن کی زبانیں مسلمانوں کے رُعب کی وجہ سے بند تھیںاور جنہیں جرأت نہیں ہوسکتی تھی کہ مسلمانوں کے سامنے ایک حرف بھی نکال سکیں وہ بھی تمسخر اور استہزاء کرنے لگ گئے حتی کہ صحابہ ؓ جب خندق کھود رہے تھے تو ایک سخت پتھر سامنے آگیا۔ ہر چند اُس کے اُکھیٹرنے کے لئے زور لگایاگیامگر وہ نہ اُکھڑا۔ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کو اس کی اطلاع دی گئی آپ ؐ آئے اور آکر کدال سے اُس پتھر پر ضرب لگائی ۔اس سے ایک شعلہ نکلا۔آپ ؐنے کہا۔ اَللّٰہُ اَکْبَرُ صحابہؓ نے بھی یہی کہا۔ دوسری بار پھر ضرب لگائی پھر شعلہ نکلا۔آپ ؐ نے کہا۔ اَللّٰہُ اَکْبَرُ۔صحابہ نے بھی یہی کہا۔تیسری بار پھر اِسی طرح ہوا۔آپ ؐ نے کہا۔ اَللّٰہُ اَکْبَرُ۔صحابہؓ نے بھی یہی کہا۔تیسری دفعہ پتھر ٹوٹ گیا۔صحابہؓ نے عرض کیا۔ یاَرَسُوْلَ اللّٰہِ!آپ نے اَللّٰہُ اَکْبَرُکیوں کہی تھی؟ آپ نے فرمایا ۔تینوں بار ضرب لگانے پر شعلہ نکلتارہا ہے اور ہر شعلہ میں مجھے ایک نظارہ دکھا یا گیاہے۔ پہلی دفعہ جو چمک ظاہر ہوئی اس میں خداتعالیٰ نے مجھے یمن کا ملک دیا۔ اور دوسری بار ملک شام اور مغرب کو اور تیسری بارمشرق کو مجھے عطاء کیا ۔ ۴؎ جب آپؐنے یہ کشف سنایا تو منافقوں نے کہہ دیاکہ پاخانہ پھرنے کیلئے تو جگہ نہیں ملتی اور ملکوں کے فتح کرنے کی خوابیں آتی ہیں تو ایسی نازک حالت ہو گئی تھی کہ منافقوں کو بھی ہنسی اورمخول کرنے کی جرأت پیدا ہو گئی تھی۔ایسی حالت میں خداتعالیٰ فرماتا ہے کہ سچے اور پکے مسلمانوں نے کیا نظارہ دکھایا کہ جب کفار کا وہ بڑا عظیم الشان لشکر کہ جو تمام عرب کے چنے ہوئے انسانوں پر مشتمل تھا اِس کی خبر اُن کو معلوم ہوئی،آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کو خندق کھودنی اور کھدوانی پڑی اور مسلمانوں کی اُن کے مقابلہ میں بہت قلیل تعداد تھی،تو اُس وقت صحابہؓ نے کہا کہ یہ لشکر تو وہی ہے جس کے متعلق خدا اور اُس کے رسول ؐ نے پہلے سے ہی وعدہ دیا ہوا ہے کہ ایک بڑا بھاری لشکر آئے گا اور ذلیل و خوار ہو کر واپس چلا جائے گا۔
دیکھو !بجائے اِس کے کہ صحابہؓ کے دل گھبراتے یا نہ گھبراتے دشمن کا مقابلہ کرتے لیکن انہوں نے اِسی پر بس نہیں کی بلکہ اس کے ساتھ ایمانی جرأت اور جوش کی وجہ سے یہ بھی کہہ دیا کہ یہ تو ہمارے رسول صلی اللہ علیہ وسلم کی ایک پیشگوئی تھی جوسچی ہو رہی ہے۔ دیکھئے منافقوں کو جو چیز موت نظرآرہی تھی وہی ان کے لئے ایک عظیم الشان فتح اور کامیابی تھی۔دشمن اگرچہ اس لئے آیا تھا کہ اسلام کو قطعہ عرب سے اُکھاڑ کر پھینک دے مگر اسے یہ معلوم نہ تھاکہ اس کے آنے کے ساتھ ہی اسلام نہایت مضبوطی سے گڑ جائے گاکیونکہ مسلمانوں نے اس کو دیکھ کر کہہ دیا کہ خدا کی شان رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے اتنی مدت پہلے جو بات بتائی تھی اور جس طرح بتائی تھی اُسی طرح آج پوری ہو رہی ہے ۔اور چونکہ آپ نے ساتھ ہی یہ بھی بتا دیا تھا کہ یہ دشمن شکست کھا کرناکام اور نامراد بھاگ بھی جائے گا اِس لئے بہت جلدی وہ بات بھی پوری ہونے والی ہے۔خداتعالیٰ فرماتا ہے۔ ۔ صرف یہی نہیں ہوا کہ مسلمان کفار کے اتنے بڑے لشکر سے ڈرے نہیں اورجرأت اور دلیری سے مقابلہ کے لئے تیار ہو گئے بلکہ وہ اس سے بھی بہت زیادہ بڑھ گئے کہ ان کے ایمان اور فرمانبرداری میں اور زیادتی ہو گئی۔بجائے اس کے ایسے خطرناک موقع پر وہ ڈگمگا تے اور فرمانبرداری کو چھوڑتے اسی پر قائم نہ رہے بلکہ اس بھی بہت زیادہ آگے بڑھ گئے اور پہلے کی نسبت بہت زیادہ فرمانبردار ہوگئے۔
یہی رنگ ہر ایک مومن کو ہمیشہ دکھانا چاہئے مومنوں پر کوئی مصیبت ایسی نہیں آتی کہ جس کی خبر پہلے سے انہیں نہیں کر دی جاتی ۔ تمام وہ ابتلاء اور مصائب جو جماعتوں کے لئے آتے ہیں ان کی نسبت اللہ تعالیٰ پہلے سے ہی کسی نہ کسی رنگ میں اطلاع دے دیتا ہے۔ حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی وفات کے بعد بڑے بڑے ابتلاء آئے اورکئی ایک رنگوں میں آئے اورسب سے بڑا وہ ابتلاء تھا کہ جس سے جماعت میں تفرقہ پڑگیا اور دو گروہ ہو گئے ۔پھر اب وہ ابتلاء ہے جو مالی رنگ میں رہتاہے اور ایک مدت سے چلاآرہا ہے اِس زمانہ میں یہ بھی بہت بڑا ابتلاء ہے۔ کئی لوگ ہیں جو اِس سے گھبرا جاتے ہیںاور بجائے اِس کے کہ ہمت اورکوشش سے اس کا مقابلہ کریں یہ کہنے لگ جاتے ہیں کہ ہمیں بڑے چندے دینے پڑتے ہیں۔ اِس گھبراہٹ اور بُزدلی میں پہلے جو چندہ دیتے ہیں وہ بھی دینا چھوڑ دیتے ہیں حالانکہ ایک مومن کے لئے یہ ابتلاء ایک طرح خوشی کا موجب ہیں کیونکہ جب وہ دیکھتا ہے کہ آج سے کئی سال پہلے حضرت مسیح موعود علیہ السلام نے فرمایاتھاکہـ:۔
’’خداکاکلام مجھے فرماتاہے کہ کئی حوادث ظاہر ہوں گے اور کئی آفتیں زمین پر اُتریں گی۔کچھ تو ان میں سے میری زندگی میں ظہور میں آجائیں گی اورکچھ میرے بعد ظہور میں آئیں گی۔‘‘ ۵؎
پس جس طرح صحابہؓ احزاب کو دیکھ کر کہہ اُٹھے تھے کہاُسی طرح انہیں کہنا چاہئے تھا کہ یہ جو ابتلاء آرہے ہیں یہ حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی پیشگوئی پوری ہو رہی ہے۔
پھر حضرت مسیح موعودؑنے یہ بھی پہلے سے ہی بتا دیا تھا’’ کئی بڑے ہیں جو چھوٹے کئے جائیں گے اور کئی چھوٹے ہیں جو بڑے کئے جائیں گے‘‘۔ ؎۶ اس لئے جس طرح اس لشکر عظیم کو دیکھ کر صحابہؓ کے ایمان بجائے متزلزل ہونے کے اَور زیادہ بڑھ گئے تھے اِسی طرح وہ لوگ جو ہم سے جدا ہوئے اُن کو دیکھ کر ان کے ایمان بڑھنے چاہئیں تھے اور وہ یہ کہہ اُٹھتے کہ حضرت مرزا صاحب کی صداقت کا یہ ایک اور نشان ظاہر ہوا ہے کیونکہ آپ نے پہلے ہی بتا دیا تھا کہ اس طرح ہوگا۔
نادان ہیں وہ لوگ جو اِس قسم کے ابتلائوں کو دیکھ کر گھبرا جاتے ہیں اور سمجھتے ہیں کہ ہم پر بہت بڑا بوجھ پڑگیاہے اور ہمیں بڑے چندے دینے پڑتے ہیں۔انہیں تو چاہئے کہ ایسے وقت میں پہلے سے بھی زیادہ ہمت اور کوشش سے کام لیںکیونکہ جو زیادہ مشکلات کے دن ہوتے ہیں ان میں زیادہ ہمت سے کام کرنا پڑتاہے۔دیکھو جب کوئی زیادہ بیمار ہو جاتا ہے تو یہ نہیں ہوتا کہ وہ دوا کھانا ہی چھوڑ دیتا ہے یا احتیاط کرنا ہی ترک کر دیتا ہے بلکہ اُس وقت خاص طور پر وہ دوا استعمال کرتا اور خاص احتیاط کرتا ہے ۔ دنیا کے تمام معاملات میں یہی دیکھا جاتا ہے۔پس جب بڑی مشکلات کے وقت ہمت بڑھا دی جاتی ہے اورزیادہ بیماری کے وقت علاج پر خاص زور دیا جاتا ہے تو کیا وجہ ہے کہ ان دینی مشکلات کے وقت زیادہ ہمت سے کام نہ لیا جائے اور اس سے بڑھ کر طاقت اورجرات نہ دکھائی جائے جو پہلے دکھاتے تھے۔ اگر بعض لوگوں کا ارتداد یا بعض لوگوں کی سستی بیت المال و دیگر صیغہ جات میں آمدنی کی کمی کا باعث ہوئی ہے تو چاہئے تمہاری ہمت اَور بھی زیادہ بڑھ جائے کہ اَور بوجھ آپڑا ہے اس لئے پہلے کی نسبت حوصلے اور دل اَور وسیع کرنے چاہئیں نہ یہ کریں کہ جس وقت مشکل زیادہ آپڑے تو ہمت کم کر دیں۔
یہی وقت ایمان کو تازہ کرنے کا ہے کیونکہ جب انسان دیکھتا ہے کہ باوجود ہر قسم کے سامان کے مخالف ہونے کے پھر خداتعالیٰ کی تائید اور نصرت ہمارے ساتھ ہے تو اُس کا ایمان تازہ ہو جاتا ہے ۔ آپ لوگوں کو معلوم ہے کہ وہ کیا چیز تھی جس نے صحابہ ؓ کے ایمان کو ایسا مضبوط کر دیا تھا کہ کوئی بڑی سے بڑی مصیبت اور تکلیف انہیں متزلزل نہیں کر سکتی تھی۔ یہی کہ وہ دیکھتے تھے کہ ہر مصیبت اور ہر مشکل جو ہمیں پیش آتی ہے اس میں خدا کی نصرت زیادہ سے زیادہ ہی دیکھی جاتی ہے۔ یہی باعث تھا کہ جب احزاب میں لشکر جمع ہو کر آیا تو اُنہوں نے سمجھا کہ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی پیشگوئی کا ایک حصہ تو پورا ہو گیاہے اب دوسرا حصہ بھی پورا ہو گا جو یہ ہے کہ لشکر ناکام اور نامراد ہو کر بھاگ جائے گا۔گویا دشمن کا آنا بھی اُن کے لئے ایمان کی زیادتی کا موجب ہوا اور جانا بھی۔ اور ہر حالت میں اُن کے لیے ایمان کی زیادتی تھی یہی حال خدا کے پیارے بندوں کا ہوتاہے۔
یہاں رہنے والے لوگوں نے دیکھا ہو گا کہ مولوی عبدالکریم صاحب اورمبارک احمد کی بیماری میں حضرت مسیح موعودعلیہ السلام کو علاج معالجہ کا کس قدر خیال ہوتا تھا۔ دیکھنے والوں کو ایسا معلوم ہوتا تھا کہ گویا آپ اپنے سلسلہ کی ترقی اِنہی کی زندگی پر سمجھتے تھے۔اُن ایام میں سوائے اِس کے اور کوئی ذکر ہی نہ ہوتا تھا کہ کس طرح علاج ہو اور کیا علاج کیا جائے لیکن ان کی وفات کے وقت کیا ہوا؟ یہی کہ یکلخت آپ کی ایسی حالت بدلی کہ حیرت ہی ہوگئی۔ یا تو اتنا جوش کہ صبح سے لے کر شام تک انہی کے علاج معالجہ کا ذکر یا آپ اِس بات پر ہنس ہنس کر اور نہایت بشاش چہرہ سے تقریر فرمارہے ہیں کہ ان کی وفات کے متعلق خدا تعالیٰ نے پہلے سے ہی بتا دیا ہوا تھا۔
جب مبارک احمد کی وفات ہوئی تو بعض اشخاص کو اِس سے گھبراہٹ ہوئی۔ مجھے خوب یاد ہے کہ جب مبارک کا دم نکلا تو حضرت مولوی نورالدین صاحب، خلیفہ رشیدالدین صاحب اور ڈاکٹر یعقوب بیگ صاحب وہاں موجود تھے،حضرت مولوی صاحب نبض دیکھ رہے تھے۔آپ نے نبض دیکھتے دیکھتے حضرت صاحب کو کہا حضور! حالت نازک ہے مشک لائیں ۔حضرت صاحب ابھی مشک لائے بھی نہ تھے کہ دم نکل گیا۔ حضرت مولوی صاحب نے چونکہ حضرت صاحب کو مبارک احمد کی بیماری میں خاص محبت اور خاص جوش سے علاج کرتے اورخیال رکھتے دیکھا تھااس لئے جہاں کھڑے تھے وہیں بیٹھ گئے اور منہ سے کچھ نہ کہہ سکے۔دوسرے لوگوں نے بھی یہی خیال کیاکہ حضرت صاحب کو اِس سے بڑا صدمہ ہو گالیکن حضرت صاحب کو دیکھو۔ آپ نے جہاں مشک رکھی ہوئی تھی وہیں کا رڈ اور لفافے بھی رکھے ہوئے تھے۔جب آپ نے مبارک احمد کے فوت ہو جانے کے متعلق سنا تو وہیں سے مشک نکالنے کی بجائے کارڈ اور لفافے نکال کر خط لکھنے شروع کر دیئے کہ مبارک احمد فوت ہو گیا ہے گھبرانے کی کوئی وجہ نہیں۔ اُس وقت آپ کے چہرہ پر کسی قسم کی گھبراہٹ کا کوئی نشان نہ تھابلکہ ایسا معلوم ہوتا تھا کہ آپ کو کوئی بہت بڑی فتح نصیب ہوئی ہے۔ پھر آپ باہر تشریف لائے، ابھی تک لوگوں کو معلوم نہ ہو اتھا کہ مبارک احمد فوت ہو گیا ہے۔آپ نے رضا بِالقدر کے متعلق ایک لمبی تقریر شروع فرمادی۔ آپ کے چہرہ سے ایسی بشاشت ٹپکتی تھی کہ گویا کسی بڑے دشمن کو شکست دے کر آئے ہیں۔ تو مومن پر جو مصائب اورابتلاء آتے ہیںوہ اُس کی ترقی کا باعث ہوتے ہیں کیونکہ خدا کی طرف سے اسے بتایا جاتاہے اِس لئے اس کے گھبرانے کی کوئی وجہ نہیں ہوتی۔مومن پر ہر ایک مصیبت جو آتی ہے وہ اپنے ساتھ دو نشان رکھتی ہے ایک اُس کے آنے کے ساتھ وابستہ ہوتا ہے اور ایک جانے کے ساتھ۔جب آنے والا پورا ہو جائے جو دشمنوں سے تعلق رکھتاہے توپھر اس کے جانے والا نشان پورا ہونا ہوتاہے جو مومنوں سے متعلق ہو نا ہوتاہے اس لئے وہ بہت زیادہ اور بڑھ چڑھ کر کوشش کرتے ہیںاور جب کامیاب ہوجاتے ہیںتوان کا ایمان بہت ترقی کر جاتاہے۔
اِس قسم کے مصائب وغیرہ کا آنا خداتعالیٰ کی سنت ہے۔جو پہلے لوگوں سے ہوتی آئی ہے۔ اِس زمانہ میں اِس کے خلاف ہماری جماعت کے ساتھ بھی نہیں ہو سکتا۔یہ نہیں ہو سکتا کہ ہماری جماعت وہ انعامات توحاصل کر لے جو پہلے لوگوں نے حاصل کئے تھے مگر ان مشکلات سے نہ گزرے جن سے پہلے لوگ گزرے ہیں۔جس محنت ،ایثار اور قربانی کے بعد پہلے لوگوں نے شیریں پھل کھائے ہیں وہی ہمیں کرنی پڑے گی۔
پس ہماری جماعت کو چاہئے کہ ان مصائب اور مشکلات سے گھبرائے نہیں بلکہ اَور آگے بڑھے ۔جو کم حوصلہ گھبراجاتے ہیں ایسے لوگوں کو ہم کہتے ہیں کیا حضرت مسیح موعود علیہ السلام نے نہیں فرمایا تھا کہ مصائب پر مصائب آئیں گے؟ ضرور فرمایا تھا۔اب آپ کی یہ پیشگوئی پوری ہو رہی ہے لیکن آپ نے یہ بھی فرمایاتھا کہ مصائب کے بادل چھٹ بھی جائیں گے ۔پس جب ایک پہلو پورا ہو رہا ہے تو ضرور ہے کہ دوسرا بھی پورا ہو اور مبارک ہے جو دوسرا پہلو پورا ہونے تک صبر اور استقلال سے کام لے اور اپنے آپ کو ملنے والے انعامات کا مستحق بنالے کیونکہ یہ مصیبتیں اپنے ساتھ بشارت کی ہوائیں رکھتی ہیں۔قبل اِس کے کہ یہ فساد، یہ مصیبتیں اور یہ فتنے ہوتے حضرت مسیح موعودؑ نے فرمایا تھا کہ ایسا ہو گا۔ چنانچہ وہ وقت آگیا اور اُس نے بتادیا کہ جو کچھ خدا کے برگزیدہ مسیح نے کہا تھا وہ پورا ہو گیا۔پھر اس نے کہا تھا کہ جب وہ فتنے آئیں گے توتم میں سے جو استقلال کے ساتھ ان کا مقابلہ کریں گے اور ہر قسم کی قربانی کر کے دکھا دیں گے وہ کامیاب ہو جائیں گے پس جب ایک بات پوری ہو گئی ہے تو چاہئے کہ تم دوسری کے پورا ہونے کے لئے پوری ہمت اور کوشش سے کام لو۔
یہ مصائب اور ابتلائوں کے دن کامیابی کی کلید ہوتے ہیں لیکن ضرور ہے کہ وہ لوگ جو دوسرے دنوں کو دیکھنا چاہتے ہیں وہ سنت قدیمہ کے مطابق اپنے مالوں اور اپنی جانوں کی قربانی کر کے دکھائیں۔پس ان مصائب اور مشکلات میں خواہ وہ مالی ہوں یا جانی ،خواہ دشمنوں کے شر کے متعلق ہوں یا اپنی غلطیوں کے نتیجہ میں ۔ان میں چاہئے کہ مومن اپنے ایمان کو اور زیادہ بڑھائیں۔اس طرح کرنے سے وہ ان انعامات کے وارث ہوجاتے ہیں جو خداتعالیٰ نے اپنے ایسے بندوں کے لیے مقرر کئے ہوئے ہیں۔ یہ بات خوب یاد رکھنی چاہئے کہ جو شخص خداتعالیٰ کے راستہ میں کچھ دیتا ہے وہ کھوتا نہیں ۔دیکھو خداتعالیٰ کی بنائی ہوئی زمین میں اگر کوئی ایک دانہ ڈالتا ہے تو اس سے سینکڑوں دانے نکلتے ہیں اور یہ جسمانی زمین ہے لیکن اگر کوئی روحانی زمین میں بیج ڈالے تو اس کے پھل اس سے بہت زیادہ ہوتے ہیں اس لئے کبھی کوئی اس تجارت سے گھاٹا نہیں پا سکتا۔ خداتعالیٰ نے اپنے لئے یہ بات خاص کر چھوڑی ہے کہ جب بندہ اُس سے لین دین کرتا ہے تو نفع ہی نفع حاصل کرتا ہے ۔چونکہ سُود بھی ایک قسم کا نفع ہے جس میں نفع ہی نفع ہوتاہے نقصان نہیں ہوتا اس لئے خداتعالیٰ نے اس فعل کو اپنے لئے خالص کرنے کے لئے بندوں کو منع کر دیاہے کہ وہ سُود نہ لیں یہ خداتعالیٰ ہی کی صفت ہے کہ وہ نفع ہی نفع دیتا ہے۔ پس جب خدا کو اتنی غیرت ہے کہ اس نے بندوں کو اس قسم کے لین دین سے بھی منع کر دیا ہے تاکہ یہ صرف خدا ہی کی خصوصیت رہے۔ حالانکہ بندوں کا فعل خداتعالیٰ کے مقابلہ میں بہت ہی حقیر اور لاشئے ہے اور اکثر دفعہ سُود کی بجائے نقصان اٹھانا پڑتاہے تاہم خداتعالیٰ نے اس کو پسند نہیں کیا۔ پس وہ جو اس کی رضا کے لئے کچھ خرچ کرتاہے کبھی نقصان نہیں اُٹھاتا۔ اللہ تعالیٰ فرماتا ہے۔ کہ مومنوں میں سے کچھ لوگ ایسے ہیں کہ اللہ کے ساتھ جو انہوں نے وعدہ کیا تھا اُس کو انہوں نے سچا کر دکھایا اور کچھ ان میں سے ایسے ہیںکہ انہوں نے جو نذر مانی تھی اُسے پورا کرسکے ہیں۔یعنی خدا کی راہ میں انہوں نے اپنے آپ کو ایسا لگایا کہ اپنی جان بھی دے چکے ہیں اورکچھ ایسے ہیں کہ جان تو نہیں دے چکے مگر وہ یہی عہد کئے بیٹھے ہیں کہ جس وقت اللہ تعالیٰ چاہے جان لے لے۔یہ اَوربات ہے کہ ابھی تک ان کی جان اللہ تعالیٰ نے نہیں لی مگر وہ پیچھے نہیں ہٹے اور نہ ہٹیں گے چنانچہ صحابہؓ میں اِس کی بڑی بڑی نظیریں مل سکتی ہیں۔
کی مثال تو یہ دیکھ لیجئے کہ خالد بن ولید ؓ ابتدائی صحابہؓ میں سے نہیںتھے۔ جس بیماری میں اُنہوں نے وفات پائی اُس کے متعلق اُن کے ایک دوست کہتے ہیں کہ میں انہیں ملنے کے لئے گیا، میں نے دیکھا کہ وہ رو رہے ہیں۔ میں نے پوچھا ۔ آپ کیوں روتے ہیں؟ اُنہوں نے کہا میں اِس لئے روتا ہوں کہ میں سالہا سال جنگ کرتا رہا ہوں اور خطرناک سے خطرنا ک جگہ تلاش کر کے وہاں گُھستا رہا ہوں کیونکہ میں چاہتا تھا کہ خداتعالیٰ مجھے شہادت دے لیکن باوجود اِس کے کہ میرے سر سے لے کر پائوں تک تمام جگہ زخم لگے اور کوئی جگہ ایسی نہ رہی جہاں زخم نہ لگا ہو مگر آج میں چار پائی پر مر رہا ہوں اورمجھے شہادت نصیب نہیں ہوئی۔ ؎۷ انہوں نے یہ اپنے جوش اور ایمان کی زیادتی کی وجہ سے کہا۔ ورنہ درحقیقت ہر ایک زخم کا وہ نشان جو ان کے بدن پر پڑا ہو ا تھا اُن کے لئے شہادت تھی۔ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کہاں شہید ہوئے؟ مگر جس طرح آپ نبی تھے اُسی طرح صدیق اورشہید بھی تھے۔ ہاں آپ کی شہادت تلوار سے نہیں ہوئی تھی کیونکہ ضروری تھا کہ آپ کی جان کی حفاظت کی جاتی۔ اگرچہ یہ بات آپ کے درجہ اور علو شان کے خلاف تھی کہ آپ شہید ہوتے مگر آپ نے خدا کی راہ میں جان تک دینے سے بھی کوئی پرواہ نہ کی۔اِسی طرح اور کئی ایک صحابہؓ دنیا کی نظر میں تو شہیدنہیںہوئے مگر خدا کی نظر میں شہید ہیں ۔ کئی انسان چلتے پھرتے نظر آتے ہیںمگر خدا کے لئے وہ شہید ہو چکے ہوتے ہیںاور ہر منٹ اُن پر موت وارد ہوتی ہے۔یہی ایمان کا وہ درجہ ہے جس کی طرف خداتعالیٰ بلاتا ہے اور اِس قسم کا ایمان رکھنے والوں کا ذکر اِس لئے کرتاہے کہ تا دوسروں کے لئے باعث ترغیب ہو۔ فرماتا ہے بعض لوگ تو ایسے ہوتے ہیں جو اپنے آپ کو خداتعالیٰ کے راستہ میں ایسے لگا دیتے ہیں کہ موت تک پیچھے نہیں ہٹتے بلکہ آگے ہی آگے بڑھتے ہیں۔ اور بعض ایسے ہوتے ہیں کہ گووہ زندہ ہوتے ہیںمگر ہر منٹ اور ہر ساعت وہ اِس بات کے منتظر رہتے ہیں کہ کب ایسا موقع آئے کہ ہم اپنی جان بھی لڑا دیں۔یہی ایمان خداتعالیٰ اپنے بندوں سے چاہتاہے اور یہی وہ ایمان ہے جو خداتعالیٰ کے انعامات کا وارث بناتا ہے ورنہ صرف زبانی دعوے سے کچھ نتیجہ نہیں نکلتا۔
ہماری جماعت میں ابھی ترقی کا بہت میدان کھلاہے اور ترقی تو کبھی ختم ہی نہیں ہوتی۔ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم ایسا عظیم الشان انسان بھی ترقی کر رہا ہے اور ہمیشہ کرتا رہے گا تو اَور کون ہے جو ترقی کے تمام مدارج طے کر لے مگر ہماری جماعت کے لئے اس درجہ تک پہنچنے کے لئے بھی میدان باقی ہے جو صحابہ ؓ نے حاصل کیا تھا اور بہت لوگ ایسے ہیں جنہیں ضرورت ہے کہ اُسی رنگ میں رنگین ہو جائیں جس میں صحابہؓ رنگے گئے تھے۔ اپنا مال، اپنی جان، اپناآرام جس طرح صحابہؓ نے قربان کیا تھا اُسی طرح اِن کو بھی کرنا چاہئے ۔ہماری قربانیاں صحابہؓ کے مقابلہ میں کچھ بھی نہیں ہیں لیکن جب تک ہم بھی وہی قربانیاں نہ کریں گے جو صحابہؓ نے کی ہیں اُس وقت تک اس انعام کے مستحق نہیں ہو سکیں گے جو صحابہؓ کو ملا تھا۔اللہ تعالیٰ کا کسی سے رشتہ نہیں اس لئے اُس نے جس طرح پہلوں پر انعام کئے تھے اُسی طرح اب اور آئندہ بھی کرسکتا ہے اورجو کوئی اُس کی طرف جھکے اُس کو وہی درجہ دے دیتا ہے جو جھکنے والوں کو پہلے دیتا آیا ہے۔
اللہ تعالیٰ کے فضل سے ہماری جماعت میں ایسے لوگ بھی ہیں اور کثیر تعداد میں ہیں کہ ان کے متعلق ہم کہہ سکتے ہیں ۔کئی ہیں جنہوں نے خداکے راستہ میں جانیں قربان کر دی ہیں۔سید عبداللطیف صاحب شہید اور ان کے شاگر دنے اپنی جان دینی منظور کر لی مگر ایمان نہ دیا۔ پھر اور بہت سے بزرگ تھے۔ حضرت خلیفہ اوّل اور مولوی عبدالکریم صاحب مرحوم۔ پھر ایک تعداد ایسے مردوں کی زندہ بھی ہے۔ ایک تو وہ تھے کہ فوت ہو گئے مگر اپنے عہد کو نہ توڑا اور ایک وہ ہیں جو اس دن کے منتظر بیٹھے ہیں کہ خدا کے دین کی خدمت کرتے کرتے جان نکلے۔
ابھی تھوڑے دن ہوئے ہمارا ایک مخلص بھائی دنیا سے گزرا ہے اُس کامیرے ساتھ بہت تھوڑی مدت تعلق رہا ہے مگر میں نے اس عرصہ میں اسے دیکھا ہے کہ وہ کے گروہ میں شامل تھا۔ یہ ذکر میں نے اس لئے نہیں کیا کہ اُس کی وفات سے ہمارے سلسلہ کو کوئی بڑا نقصان پہنچا ہے بلکہ دوسروں کو اِس طرف متوجہ کرنے کے لئے کیاہے۔ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے بھی اُن صحابہ ؓ کے لئے جو جنگ اُحد میں شہید ہوئے تھے اسی طرح فرمایاتھا۔ورنہ کون کہہ سکتا ہے کہ مجھ سے سلسلہ احمدیہ کی ترقی وابستہ ہے یا فلاں شخص سے جو ہم میں نہیں رہا وابستہ تھی۔ خداتعالیٰ کسی کا محتاج نہیں بلکہ ہر ایک انسان اُس کا محتاج ہے۔پس میں یہ ذکر اِس طور پر نہیں کرتا کہ ہمارے اس بھائی کے فوت ہوجانے سے سلسلہ احمدیہ کو کوئی نقصان پہنچا ہے کیونکہ نقصان کسی آدمی کے جانے سے نہیں پہنچ سکتا ۔ خداتعالیٰ جس نے اِس کو قائم کیا ہے وہی اِس کو چلاتا ہے۔ ہاں ہمیں یہ دیکھ کر خوشی ہوتی ہے کہ ایک انسان کا انجام اچھا ہو گیا اور اس طرح ذکر کرنے سے لوگوں میں اُس کے متعلق دعا کرنے کی تحریک ہوتی ہے ۔ اِسی رنگ میں آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے بھی اپنے صحابہؓکا ذکر فرمایا تھا اور اِسی رنگ میں حضرت مسیحؑ نے ذکر کیا۔ اور اِسی رنگ میں میں ذکر کرتاہوں۔
میں نے قاضی عبدالحق صاحب کو دیکھا ہے آپ ترجمۃ القرآ ن کا کام کرتے تھے ان کی محنت میرے لئے قابل حیرت ہوتی تھی۔ میں بڑا تیز لکھنے والا ہوں اور خدا کے فضل سے بہت تیز لکھ سکتا ہوں ۔ اور بھی تیز لکھنے والے ہوں گے لیکن میں نے کسی کو نہیں دیکھا کہ مجھ سے زیادہ تیز لکھ سکتا ہو، میں مضمون کے سَو سَوا سَوا صفحے ایک دن میں لکھ سکتا ہوں لیکن میں نے دیکھا ہے کہ اگرچہ ترجمہ کرنے کا کام مشکل ہوتا ہے تاہم اگر میں تھوڑی دیر کے لئے بھی ترجمۃ القرآن کے کام کو چھوڑ کر کسی اَور کام میں لگ جاتا تو یہ نہیں ہوتا تھا کہ قاضی صاحب مجھ سے پیچھے رہ جاتے ۔ میں جب یہ سمجھتا کہ اب ان کے پاس کافی مضمون ہو گیا ہے اور کسی اَور کام میں مصروف ہوتا اور اُن سے ترجمہ کے متعلق پوچھتا۔تو وہ یہی کہتے اَور مضمون دیجئے پہلا ختم ہو چکا ہے۔ اور پھر اس کام کے ساتھ وہ مدرسہ میں بھی پڑھاتے ۔ پھر میں رات کے وقت مقابلہ کرنے کے لئے اُن سے ترجمہ سنتا تو گیارہ او ربارہ بجے را ت تک سناتے رہتے۔ دس بجے تک تو ضرور ہی سناتے اس کے بعد وہ اپنے مکان پر جاتے تھے۔ گویا عصر سے لے کر کم ازکم رات کے دس بجے تک میرے پاس رہتے اس کے بعد جا کر ترجمہ کرتے اور صبح مدرسہ میں پڑھاتے۔ پھر یہ کام ایک دن کانہ تھابلکہ ایک لمبے عرصہ تک ہوتا رہا لیکن وہ اِس سے ذرا نہ گھبرائے اور جس طرح ایک چیز کی حرص ہوتی ہے اِسی طرح مجھ سے کام مانگ لیتے اور کہتے کہ فلاں کام بھی میرے سپرد کر دیا جائے۔ ایسے لوگ خدا تعالیٰ کے انعام پانے سے خالی نہیں رہتے۔ وہ لوگ جو ان کے کام سے واقف ہوتے ہیں ان کے منہ سے ان کے لئے بے اختیار دعائیں نکلتی ہیں۔ چنانچہ قاضی صاحب کی بیماری میں میں نے دیکھا ہے یہاں کے لوگ بڑے فکر سے ان کے لئے دعائیں کرتے تھے۔ یہ ان کے اُس کام کا نتیجہ تھا جو انہوں نے خدا تعالیٰ کے لئے کیا۔ میں نے بھی ان کے لئے دعائیںکیں اور ہماری جماعت کے لوگوں نے بھی کیں۔ خداتعالیٰ جب چاہتا ہے کسی دعا کو قبول کرتا ہے اور جب نہیں چاہتا، نہیں کرتا لیکن اگر جس رنگ میں دعاکی جائے اُس رنگ میں قبول نہ ہو تو جس کے لئے دعا کی جائے اُسے کوئی اَور فائدہ پہنچ جاتا ہے اور اس کے لئے ترقی مدارج کا باعث ہو جاتی ہے۔ ہم نے جو دعائیں قاضی صاحب کے متعلق کیں یقینا وہ ان کے لئے ترقی مدارج کا باعث ہو گئیں۔تو خدا تعالیٰ اپنے راستہ میں کام کرنے والوں کو کبھی ضائع نہیں کرتا۔
پس ہماری جماعت کے لوگوں کو چاہئے کہ جو اِس آیت کے مستحق ہیں وہ اَور زیادہ ترقی کریں او ریہ نہ سمجھیں کہ بس ہم پوری ترقی کر چکے ہیں ۔اور جو مستحق نہیں وہ مستحق بننے کی کوشش کریں اور ایسی محنت اور کوشش کریں کہ خدا تعالیٰ کے حضور اِنہی میں شامل ہو جائیں جن کے متعلق آیاہے کہ ایسے لوگوں کی خداتعالیٰ دنیا میں بھی قبولیت بڑھا دیتا ہے اور ان کے لئے لوگوں کے منہ سے دعائیںنکلتی ہیں۔
سو یہ میری نصیحت ہے اِس کوخوب یاد رکھو کہ اللہ تعالیٰ کے راستہ میں جو کچھ کوئی خرچ کرتا ہے وہ ضائع نہیں جاتا اِ س لئے اپنے مالوں، اپنی جانوں، اپنے وقتوں غرضیکہ ہر ایک چیز کو اللہ تعالیٰ کے راستہ میں خرچ کرو۔ اورجو تم میں سے اعلیٰ نمونہ رکھتے ہیں اُن کو دیکھو اور اُن کے نقش قدم پر چلو تاکہ ان میں شامل ہو جائوجن کے متعلق خداتعالیٰ فرماتا ہے۔ ۔ اِس دنیا کی زندگی بہت قلیل ہے اس قلیل عرصہ کو ضائع نہ جانے دو۔
اللہ تعالیٰ ہماری جماعت کو توفیق دے کہ اِس کا ہر ایک فرد اپنے اندر ایسی تبدیلی پیدا کرے کہ اسے خداتعالیٰ کے قرب کا مقام حاصل ہو جائے۔‘‘ (الفضل ۹؍ستمبر۱۹۱۶ئ)
۱ ؎ الاحزب: ۲۳،۲۴
۲؎ اصابہ جلد ۳ صفحہ ۲۶۹ حالات ضرار بن از در
۳؎ سیرت ابن ہشام حالات غزوۂ خندق
۴ ؎ فتح الباری جلد ۷ صفحہ ۳۰۴،۳۰۵
۵ ؎ الوصیت صفحہ ۵۔ روحانی خزائن جلد ۲۰ صفحہ ۳۰۳
۶ ؎ تذکرہ صفحہ۵۳۹۔ ایڈیشن چہارم(ترتیب کے اختلاف کے ساتھ)
۷؎ اسدالغابہ فی معرفۃ الصحابہ حالات خالد بن ولید+ تاریخ الخمیس جلد ۲ صفحہ ۲۷۵
۲۸
جو کچھ تمہیں دیا گیا ہے وہ دوسروں کو دو
(فرمودہ یکم ستمبر ۱۹۱۶ئ)
تشہد،تعوذ اورسورۃ فاتحہ کے بعد حضور نے مندرجہ ذیل سورۃ کی تلاوت کی۔
۱؎
پھرفرمایا:۔
’’بخل اور کنجوسی اُسی وقت انسان کے اندر پیدا ہوتی ہے جبکہ اُس کا ہاتھ تنگ ہو یا اُسے اِس بات کا خطرہ ہو کہ میرا ہاتھ تنگ ہو جائے گااس کے سِوا بخل نہیںپیدا ہوتا۔ لوگ اِس ہوا سے جو تمام انسانوں کے لئے خداتعالیٰ نے بنائی ہے سانس لیتے ہیںاور سانس لے کر اس پاک اور طیب ہوا کو جسے خداتعالیٰ نے انسانی زندگی کے قیام اور طاقت دینے کا باعث بنایا ہے خراب اور گندہ کرکے اپنے منہ سے نکال دیتے ہیں۔ کوئی دنیاکی غذا اور کوئی کھانے پینے کی شے یا کوئی ایسی بیرونی چیز جو نفس انسانی کے لئے آرام دینے والی ہے ایسی قیمتی نہیں جیسی کہ ہوا ہے کیونکہ ہر چیز کے بغیر انسان کچھ مدت تک گزاراہ کر سکتا ہے ۔ اگر کپڑے نہیں تو چھپ کرکہیں بیٹھ سکتاہے اور ایک دو دن کے لئے بلکہ دو تین چار مہینے تک بیٹھا رہ سکتا ہے زندگی کو اِس سے کوئی حرج نہیں ہوگا۔ اِسی طرح پانی کے بغیر تین چار دن تک زندہ رہ سکتا ہے اور کھانے کے بغیر چار پانچ، چھ سات دن تک لیکن ہوا کے بغیر ایک گھنٹہ چھوڑ ایک منٹ بھی زندہ نہیں رہ سکتا۔
غرض دنیا میں جتنی چیزیں انسان کو راحت اور آرام پہنچانے والی اور اس کی زندگی کو قائم رکھنے والی ہیں ان سب سے قیمتی اورمفید اور ضروری ہوا ہی ہے۔ کسی چیز کی قیمت اس کے فائدے اور ضرورت کے لحاظ سے ہوتی ہے اور پھر اپنی تعداد کے لحاظ سے ۔ بعض وہ چیزیں جو فائدہ رساں معلوم نہیں ہوتیں یا جن کی بظاہر کوئی ضرورت دکھائی نہیں دیتی پھر بھی وہ مفید اورضروری ہوتی ہیں گوہر ایک انسان ان کامحتاج نہیں ہوتا ان کی بھی ایک قیمت ہوتی ہے۔ مثلاً موتی، ہیرے، لعل، جواہر، یہ ایک تو طبی لحاظ سے بڑے مفید ہوتے ہیں دوسرے تعداد میں بہت کم ہوتے ہیں اوران کی ضرورت امراء اور دولتمندوں کو پڑتی ہے۔ یہ ایک ظاہر بات ہے کہ جس قدر اعلیٰ درجہ کا آرام ہے اُتنا ہی کم لوگوں کو میسر آتاہے چونکہ ایسی قیمتی چیزوں کی احتیاج بڑے لوگوں کو ہی ہوتی ہے اور یہ ان میں اور دوسرے لوگوں میں امتیاز پیدا کرنے والی چیزیں ہوتی ہیں اس لئے ان کی بڑی قیمت ہوتی ہے۔ تویہ باتیں کسی چیز کی قیمت کا فیصلہ کیا کرتی ہیں۔ اوّل ضرورت ۔ دوم فوائد۔ سوم تعداد۔ کبھی ایسا ہوتاہے کہ ایک چیز ضروری ہوتی ہے گو اُس کی قیمت بہت بڑھ جاتی ہے اور کبھی ایسا ہوتا ہے کہ فوائد بھی نہیں ہوتے اور ضرورت بھی کوئی ایسی نہیں ہوتی لیکن جس حد تک دنیا میں اس کی ضرورت ہوتی ہے اس سے اس کا خزانہ کم ہو جاتا ہے اُس وقت بھی اس کی قیمت بڑھ جاتی ہے۔ مثلاً گیہوں، چنے، ماش، وغیرہ یہ ایسی چیزیں ہیں جو بڑی کثرت سے پیدا ہوتی ہیں اس لئے ان کی قیمت ایسی ہوتی ہے کہ ہر ایک خرید سکتاہے مگرجب ان کی پیدائش میں کمی واقع ہوجاتی ہے تو قیمت بہت بڑھ جاتی ہے اس وقت کوئی یہ نہیں کہہ سکتا کہ یہ بھی ویسے ہی گیہوںیا چنے ہیں جیسے پچھلے سال تھے پھر ان کی قیمت کیوں بڑھا دی گئی ہے۔
ہوا میں دو باتیں پائی جاتی ہیں۔ ایک یہ کہ انسانی صحت کا مداراِسی پرہے دوسرے ہر وقت اِس کی ضرورت اور حاجت ہے اور ہر انسان کو ہے مگر باوجود اس کے کوئی شخص ہوا کے معاملہ میں بخل سے کام نہیں لیتا اور نہ ہی اس میں کنجوسی کرتا ہے۔ کیا کبھی ایسا ہوا ہے کہ کوئی کسی کو کہے کہ ہمارے گھر سے نکل جائو کیونکہ تمہارے سانس لینے اور سُونگھنے سے ہوا خراب ہو رہی ہے؟ خواہ کوئی کیسا ہی بخیل ہو، اپنے نفس پر کتنا ہی بخل کرنے والا ہو پھر بھی یہ کبھی نہیں کہے گا۔کیوں؟ اس لئے کہ وہ جاتنا ہے کہ خداتعالیٰ نے ہوا کا ایسا خزانہ کھولا ہؤا ہے کہ جس میں کمی نہیں آسکتی۔ اِسی بات کی وجہ سے اس کے دل میں بھی تنگی نہیں آتی حالانکہ فوائد اورضرورت کے لحاظ سے تمام اشیاء سے اُس کی قیمت بہت زیادہ ہے۔
تو بُخل کی وجہ یہی ہوتی ہے کہ انسان کا دل تنگی کرتاہے۔ وہ کہتا ہے اگرمیں نے یہ چیز خرچ کی تو میرے پاس کم ہو جائے گی۔ یا کم ہو جانے کا اسے خطرہ ہوتا ہے۔ مثلاًایک آدمی کے پاس اگر کروڑوں کروڑ روپیہ ہو تو گو وہ اِس قدر کم نہیں ہو گا کہ اسے تکلیف اُٹھانی پڑے تاہم وہ ڈرتاہے کہ اگر میں نے خرچ کیا تو کم ضرور ہو جائے گا۔ اِسی طرح ایک غریب آدمی جس کے پاس ایک دو روپے ہوں وہ بھی خرچ نہیں کرتا۔ کیوں؟ اس لئے کہ وہ سمجھتا ہے کہ اگر ان کو میں نے خرچ کر دیا تو ضرورت کے وقت مجھے تکلیف ہوگی۔ غرض بُخل اِسی طرح پیدا ہوتاہے کہ یا تو چیز کا کم ہو جانا خیال میں ہوتاہے یا کم ہو جانے کا خطرہ اور ڈر ہوتاہے لیکن جہاں یہ دونوں باتیں نہ ہوں وہاں اس کے خرچ کرنے میں کوئی شخص دریغ نہیں کرتا۔
مگر بڑا تعجب آتاہے اور بڑی حیرت ہوتی ہے کہ نادان انسان اپنی نادانی کی وجہ سے ادھر مال کے متعلق جو بُخل اور کنجوسی کرے اُس پر ہنسی کرتا اور اس کا بخیل اور کنجوس نام رکھتا ہے اور کہتا ہے کیا ہؤا اگر چیز کم ہو جاتی ہے توزیادہ بھی تو ہو ہی جاتی ہے ۔ پھر زندگی کا کیا اعتبار ہے ممکن ہے آج ہی جان نکل جائے اور تمام جمع کیا کرایا دھرا رہے۔ پھر مال تو ہاتھوں کی میل ہے ہاتھ سلامت رہے تو اَور مل رہے گا اور اگر ہاتھ ہی نہ رہے تو مال کی بھی ضرورت نہ رہے گی غرض بہت زور اور دلائل کے ساتھ بخیل پر ہنسی اور ملامت کرتاہے مگر باوجود اِس کے اُس کے کئی معاملات ایسے ہوتے ہیںکہ جن کے متعلق وہ دوسروں پر اعتراض کرتا بلکہ ان کے خلاف وعظ اور نصیحت بھی کرتا ہے لیکن ان میں وہ خود بُخل سے کام لیتا ہے اور پھر تعجب یہ ہے کہ ایسی چیزوں میں بخل کرتا ہے جن کے کم ہونے کا بالکل خطرہ نہیں ہوتا۔ ایک مالدار بُخل کرتاہے مگر اُس کی وجہ وہ یہ قرار دیتا ہے کہ اگر میں خرچ کروں تو شاید میرا مال کم ہوجائے ۔ حتیٰ کہ اِسی خیال میں وہ مر بھی جاتا ہے اور خود بھی کوئی فائدہ نہیں اٹھاتا ۔ بے شک ایسا شخص قابلِ الزام ہے اور بے شک اس نے اللہ پر بھروسہ نہیں کیا اوربے شک بنی نوع انسان پر کہ جس کی ہمدردی اور مدد اِس پر فرض تھی اس نے کچھ خرچ نہیں کیا مگر پھر بھی وہ ایک حد تک معذور ہے کیونکہ جو خزانہ اس کے پاس ہے خواہ وہ کتنا ہی بڑا ہو تاہم خرچ کرنے سے کم ہو ہی جاتا ہے اورکسی انسان کے پاس کوئی ایسا خزانہ نہیں جو کم نہ ہوتا ہو۔ سب سے بڑا خزانہ حکومتوں کا ہوتا ہے لیکن دیکھو اس کے کم ہونے کے بھی اسباب پیدا ہوہی جاتے ہیں۔ موجودہ جنگ میں ہی دیکھ لو گورنمنٹ برطانیہ کا سات کروڑ روپیہ روزانہ خرچ ہے۔ گوکوئی شخص گورنمنٹ جتنا مالدار نہیں ہو سکتا مگر فرض کر لو اگر کسی کے پاس اتنا ہی خزانہ ہو تو بھی اس کے لئے ایسے مصارف نکل سکتے ہیں کہ وہ خرچ ہوسکتاہے۔
حضرت خلیفۃالمسیح الاوّل فرمایا کرتے تھے کہ ایک امیر جب مرا تو اُس نے لاکھوں روپیہ اپنے پیچھے چھوڑا۔ اُس کا ایک لڑکا تھا، لڑکے نے اپنے دوستوں یاروں کو بلا کر مشورہ کیا کہ میرے پاس جو اِس قدر روپیہ ہے اسے کس طرح خرچ کیا جائے؟ کسی نے کوئی طریق بتایا کسی نے کوئی لیکن اُسے کوئی پسند نہ آیا۔ ایک دن وہ بازار سے گزر رہا تھا کہ ایک بزاز کے کپڑا پھاڑنے کی آواز اُسے سنائی دی ۔ وہ آواز اُسے ایسی پسند آئی کہ گھر میں آکر کپڑے کے تھان منگوا منگوا کر پھڑوانے شروع کر دئیے اور چر چر کی آواز سننے لگ گیا۔ اِسی طرح اُس نے اپنا سارا روپیہ برباد اور تباہ کر دیا اور تھوڑے ہی عرصہ میں مفلس اور نادار ہو گیا۔ تو خواہ کسی کے پاس لاکھوں روپے ہوں یا کروڑوں پھر بھی ایسے مصارف نکل سکتے ہیں کہ وہ خرچ ہو کر اُسے نادار بنا دیں اِس لئے اگر کسی کے پاس خواہ کتنا ہی روپیہ ہو تاہم اگر وہ یہ خیال کر کے کہ اگر میں اِسے خرچ کروں گا تو کم ہو جائے گا اس لئے خرچ نہیں کرتا تو ایک حد تک معذور ہے کیونکہ اس کا خزانہ ایسا ہے کہ ضرور خرچ ہو کر کم اور ختم ہو سکتاہے۔ لیکن جس طرح ہوا کا خزانہ کبھی ختم نہیں ہوتا اس لئے اس میں جو بخل کرنے والا ہو بڑا ملزم ہے اِسی طرح علم کا خزانہ ہے یہ بھی کبھی ختم نہیں ہوتا اس میں بھی بخل کرنے والا بہت بڑا مجرم ہے ۔ پھر علم کا خزانہ نہ صرف یہ کہ کم نہیں ہوتا بلکہ جتنا خرچ کیا جائے اُتنا ہی زیادہ ترقی کرتا ہے اور دوسری چیزوں کے خلاف اِس میں یہ بات پائی جاتی ہے کہ وہ خرچ کرنے سے خرچ ہو جاتی ہیں لیکن علم ایک ایسی دولت ہے کہ جتنا خرچ کیا جائے اُتنا ہی بڑھتاہے اور جو لوگ اِس کو خرچ نہیں کرتے اور خرچ کرنے کے عادی نہیں ہوتے اُن سے چھین لیا جاتاہے۔ ایک بخیل روپیہ جمع کرتاہے تو اُس کا خزانہ بڑھتا ہے لیکن برخلاف اِس کے ایک عالم اگر علم جمع کرتا جاتا اور اُسے خرچ نہیں کرتا تو اُس کاخزانہ گھٹتا جاتا ہے۔ مثلاً اگر ایک شخص کو کہا جائے کہ تم محنت و مزدوری کر کے روپیہ جمع کرتے ہو اور دوسرے کو کہا جائے کہ تم علم پڑھ کر اکٹھا کرتے رہو تو کچھ عرصہ کے بعد اِن دونوں کا مقابلہ کیا جائے گا تو وہ جو روپیہ کماتا اور اسے خرچ نہ کرتابلکہ جمع کرتاتھا اس کے پاس بہت سا روپیہ ہو گا لیکن وہ جو علم پڑھ کر اُسے خرچ نہیں کرتارہا اُس نے کچھ کھو دیا ہو گا ۔کیونکہ مالدار اگر روپیہ کو جمع کرتا رہتا ہے تو روپیہ ویسے کا ویسا ہی پڑا رہتا ہے لیکن اگر علم کو رکھ چھوڑا جائے تو ذہن اُس خزانہ کو ردّی حالت میں کر دیتا ہے۔ مگر باوجود اس کے کس قدر افسوس اور تعجب کا مقام ہے کہ مال میں بخل کرنے والوں پر ہنستے اورانہیں بُرا بھلا کہتے ہیں لیکن بہت سے ایسے لوگ ہیں جن کوخداتعالیٰ نے عقل دی، فہم دیا، علم دیا، سمجھ دی وہ ان چیزوں کے خرچ کرنے میں بخل کرتے ہیں حالانکہ اگر وہ غور کریں تو اُنہیں معلوم ہو جائے کہ ان کے بخل کرنے کی کوئی وجہ نہیں۔
مسلمانوں میں ایک جماعت اِس قسم کی پید ا ہو گئی تھی کہ جو صوفی کہلاتے تھے۔ ان کو اگر کوئی بات معلوم ہو جاتی تو اس کو بڑا چھپا چھپا کر رکھتے اور دوسرے کو نہ بتاتے تھے۔ ہاں مرنے کے وقت اگر کسی پر بڑے ہی خوش ہوتے اور اس پر بڑا ہی انعام کرنا چاہتے تو کوئی ایک آدھ بات بتا دیتے اور اسی طریق عمل کو بہت اچھا سمجھتے حالانکہ اِس کا نتیجہ بہت خطرناک نکلا۔ اس طرح کرنے سے ان کی اولاد ان سے جاہل نکلی ، اُن کی اولاد اُن سے جاہل نکلی، پھر ان کی اولاد ان سے جاہل نکلی اورآخر کار یہ ہوا کہ مسلمانوں میں کچھ نہ رہا۔ نہ علم رہا نہ تقوی رہا، نہ فہم رہا نہ عقل رہی، تمام علوم و فنون میں یہی حال ہو گیا تھا۔ اگر کسی طبیب کو کوئی اچھا نسخہ ہاتھ آجاتا تو وہ دوسرے کو نہ بتاتا جس کا نتیجہ یہ ہواکہ یہ علم ہی محدود ہو گیا اور اب دیکھ لو طب کیسی ردّی حالت میں پہنچ گئی ہے۔ یا تو وہ زمانہ تھا کہ مسلمانوں میں بڑے بڑے طبیب اور معالج تھے مگر ان کے آگے دوسروں کو نہ بتانے کی وجہ سے آہستہ آہستہ اعلیٰ اور اچھے نسخے مٹتے گئے اور آج نوبت یہاں تک پہنچ گئی ہے۔ بعض دفعہ ایسا ہوتا ہے کہ ایک خاندان ترقی کر لیتا ہے لیکن اس کے بعد میں آنے والے افراد اِس قابل نہیں ہوتے کہ کاروبار کو سنبھال سکیں لیکن چونکہ اس خاندان کی وہ باتیں جن سے اُس نے ترقی کی ہوتی ہے اُنہی تک محدود ہوتی ہیں اِس لئے اُن کے تباہ ہونے کے ساتھ ہی وہ بھی تباہ ہو جاتی ہیں۔
حضرت مسیح موعودؑ کسی حجام کی نسبت فرماتے تھے کہ اُس کو ایک ایسا اچھا مرہم بنانا آتا تھا کہ خواہ کیسا ہی گندہ اور بگڑا ہوا زخم ہو اس سے اچھا ہو جاتا تھا لیکن وہ اس مرہم کا بنانا کسی اور کو نہ بتاتا تھا حتیٰ کہ اپنے بیٹوں کو بھی نہ بتاتا تھا۔ جب وہ مرنے لگا تو اُس کے بیٹوں نے کہا اب تو آپ ہم سے جدا ہونے لگے ہیں اب ہی وہ مرہم بنانا بتادیں۔ وہ کہنے لگا میں تم کو بتا تو دیتا لیکن ابھی مجھے امید ہے کہ میری زندگی باقی ہے اگر میں اچھا ہو گیا تو پھر کیا ہو گا؟ وہ اِسی مرض میں مرگیا اور مرہم کے متعلق نہ ہی بتایا ۔
اِسی طرح ہزاروں علوم ایسے تھے کہ جو لوگوں کی نادانی اور جہالت کی وجہ سے مٹ گئے۔ ان کے جاننے والوں نے انہیں اپنے سینے کی قبر میں ایسا دفن کیا کہ وہ پھر نہ نکل سکے اور اس طرح گھٹتے گھٹتے بالکل ناپید ہو گئے۔ دیکھ لیجئے ۔ آجکل طب ایسی گر گئی ہے کہ کوئی پوچھتا تک نہیں اور ڈاکٹروں کی موجودگی میں طبیبوں کی طرف کوئی توجہ بھی نہیں کرتا ۔
ڈاکٹروں نے کوئی نئی طب نہیں بنائی بلکہ یہ وہی پرانی طب ہے اور یورپ نے مسلمانوں سے ہی سیکھی ہے لیکن جب ان کے پاس گئی اور اُنہوں نے اِس پر عمل درآمد اور تجربہ کرنا شروع کر دیا اور جو نئی بات کسی کو معلوم ہوئی اُس کی خوب شہرت کی اور اچھی طرح پھیلادی اور اِس طرح ایک کی بات دوسرے کو ، دوسرے کی تیسرے کو، تیسرے کی چوتھے کو پہنچتی گئی اور ایک نے دوسرے کی مدد سے اور دوسرے نے تیسرے کی مدد سے اور تیسرے نے چوتھے کی مدد سے ترقی کرنا شروع کردی۔ اور ہوتے ہوتے آج یہ حالت ہوگئی کہ جس طرح ایک گٹھلی اورآم میں بہت بڑا فرق ہوتاہے اور جس طرح ایک خو بصورت پھول اور اس کے بیج میں بہت بڑا فرق ہوتا ہے حالانکہ پھول اُسی بیج سے نکلا ہوتا ہے مگر دونوں کی حالت میں اتنا بڑا فرق ہوتا ہے کہ ایک کا دوسرے سے مقابلہ نہیں ہو سکتا ۔ اگر بیج کسی کے ہاتھ کو لگ جائے تو جھاڑ کر پھینک دے گاکہ کیا لگ گیا ہے لیکن پھول کو بڑے شوق اور پیار سے باربار ناک کے ساتھ لگائے گا۔ اِسی طرح گو ڈاکٹری طب سے ہی نکلی ہے مگر بڑھتے بڑھتے ایک عظیم الشان درخت ہو گئی ہے کہ دونوں میں کوئی نسبت نہیں رہی۔
اہل یورپ نے چونکہ اس کے بڑھانے میں کوئی بخل نہیں کیا اگر ایک کا علم ختم ہو گیا تو آگے دوسرے نے شروع کر دیا، دوسرے کا ختم ہو گیا تو تیسرے نے شروع کر دیا، تیسرے کا ختم ہو گیا تو چوتھے نے شروع کر دیا۔ پہلے تو یہ ہوتا تھا کہ اگر ایک بات ایجاد کر لیتا تو دوسرے کو نہ بتاتا اِس لئے دوسرے کو اگر وہی بات ایجاد کرنی ہوتی تو اسے بھی اُتنی ہی محنت کرنی پڑتی جتنی کہ پہلے نے کی ہوتی لیکن اب یہ ہوا کہ ایک نے ایک دروازہ کھول دیا اور وہ تھک کر بیٹھ گیا تو دوسرا کھڑا ہو گیا اور اُس نے دوسرا دروازہ کھول دیا، تیسرے نے اُس سے اگلا کھول دیا اِس طر ح آہستہ آہستہ وہ اِس حد تک پہنچ گئے کہ بہت بڑا فرق ہو گیا۔
دہلی میں ایک طبی جلسہ پر وائسرائے نے کہہ دیا تھا کہ دیسی طب اور ڈاکٹری دراصل ایک ہی ہے لیکن یہ سن کر ڈاکٹروں نے اِس پر بڑا شور مچایا کہ ہماری ہتک کی گئی ہے کیونکہ یہ غلط ہے کہ دیسی طب اور ڈاکٹری ایک ہی ہے۔اگرچہ اُن کا شور مچانا ایسا ہی تھا جیسے کوئی محسن کش جب کوئی عہدہ پا لیتاہے تو ماں باپ سے ملنا بھی عار سمجھتا ہے ۔ ایک مجسٹریٹ کے متعلق کہتے ہیں کہ وہ بہت غریب خاندان سے تھا۔ اُس کا باپ اُس سے ملنے کے لئے آیا تو بے دھٹرک اُس کے پاس کرسی پر جا بیٹھا ۔ اہل کاروں نے پوچھا یہ کون ہے؟ تو اُس نے کہایہ ہمارا خدمت گار ہے۔ تو بعض کم عقل جب ترقی کر جاتے ہیںتو اپنے اصل منبع اور مخرج کی طرف منسوب ہونا بھی ہتک سمجھتے ہیں اِسی طرح ڈاکٹری والے بھی چونکہ بہت ترقی کر گئے ہیں اور طب والے بہت گر گئے ہیں اِس لئے وہ ان کی طرف منسوب ہونا ہتک سمجھتے ہیں۔ چونکہ طب والوں نے اس علم کو پھیلایا نہیں اِس لئے اِس کا نتیجہ یہ ہوا کہ کم ہو گیا اور ڈاکٹری والوں نے اسے خوب پھیلایا اِس لئے وہ بہت ترقی کر گیا۔
صحابہ کرام ؓ کے پاس کوئی چیز ایسی نہ تھی جو انہوں نے چھپا رکھی ہو سوائے اُن خاص باتوں کے کہ جو ابتلاء کا موجب بن سکتی تھیں یا ایسی کیفیات جن کا بیان کرنا ہی ناممکن تھا۔ صحابہ کو تو عمدہ اور مفید باتوں کی اشاعت کرنے کا یہاں تک شوق تھا کہ ایک صحابی ؓ جس کو رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے ایک بات بتائی تھی اور فرمایا تھا کہ یہ خاص تیرے ہی لئے ہے اِسے کسی کو نہ بتائیو جب فوت ہونے لگا تو اُس نے کہا کہ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے مجھے ایک بات بتائی تھی اور فرمایا تھا کہ یہ کسی کو نہ بتانا اس لئے میں اس کے بتانے سے ڈرتا ہوں لیکن قرآن کریم اور رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کا یہ حکم ہے کہ جو اچھی بات تمہیں معلوم ہو وہ دوسروں کو بتائو اب میں کروں تو کیا کروں۔ آخر کاراُس نے یہی فیصلہ کیا کہ میں یہی پسند کرتا ہوں کہ بجائے اس کے کہ خاموش رہوں بتا ہی دوں اورنہ بتانے کے گناہ کے مقابلہ میں بتانے والا گناہ اُٹھا لوں۔ ۲؎ تو صحابہؓ اِس قدر جوش رکھتے کہ دوسروں کو ہر ایک ایسی بات سے جسے وہ اپنے لئے مفید سمجھتے تھے بتا دیتے تھے، اِس کا نتیجہ یہ ہوا کہ ان میں ہر قسم کے علوم و فنون بڑھے لیکن مسلمانوں پر ایک ایسا زمانہ آیاجبکہ وہ ہر ایک اچھی بات کو چھپاچھپا کر رکھتے تھے۔ طبیب اپنے نسخوں کو، مولوی اپنے وِردوں کو ، صوفیاء اپنے رنگوں کو دوسروں پر ظاہر نہیں کرتے تھے اِس کا نتیجہ یہ ہوا کہ نہ ان میں علم رہانہ نیکی رہی ، نہ تقویٰ رہا نہ برتری رہی۔ جنس کو دیکھ کر جنس ترقی کیا کرتی ہے لیکن جب انہوں نے دین کی باتیں بھی چھپانی شروع کیںتو نتیجہ یہ ہوا کہ وہ دنیاوی علوم سے بھی جاہل ہو گئے اور ان کی اولاد بھی جاہل ہو گئی ۔ اگر وہ ایک دوسرے کو بتاتے اور ان باتوں کو پھیلاتے تو آج ان کی یہ حالت ہر گز نہ ہوتی۔
تعجب کی بات ہے کہ ہماری جماعت میں سے بھی بعض لوگ ایسے نکل آئے ہیں کہ جو نیکی کی باتوں کو پھیلانا نہیں چاہتے ۔میں نے پچھلے دنوں دعا کے متعلق خطبے پڑھے تھے ان کے متعلق کسی شخص کا میرے نام خط آیا۔ اُس کا نام تو پڑھا نہیں گیا لیکن چونکہ اُس نے میری طرف خط لکھا ہے اِس لئے خیال گزرتا ہے کہ وہ احمدی ہی ہو گا۔ وہ لکھتا ہے کہ’’ آپ نے قبولیت دعا کے متعلق طریق بتا کر پوشیدہ اورسر بستہ راز کھول دیئے ہیں یہ تو بڑی محنتوں اور مشقتوں کے بعد کسی کو نصیب ہوا کرتے تھے۔ کوئی بہت ہی دعائیں کرنے والا اور خدا کے حضور گریہ وزاری کرنے والا ہوتا تو اسے ان طریق سے کوئی ایک القاء کیا جاتا لیکن آپ نے تو یونہی سب بتا دئیے ہیں اور اب ہر ایک ان سے آگاہ ہو جائے گا۔‘‘ اِس بات پر وہ بڑی حیرانی ظاہر کرتا ہے اورآخر لکھتا ہے کہ’’ اصل بات یہ ہے کہ آپ بھی مجبور تھے آپ ایک جماعت کے امام جو ہوئے اس لئے اپنی جماعت کی محبت کے جوش میں آکر آپ سے یہ حرکت ہو گئی ہے۔ ‘‘
دیکھئے! اُدھر اس کو تو یہ صدمہ ہوا ہے کہ میں نے یہ طریق ظاہر کیوں کر دئیے ہیں لیکن اِدھر مجھے خداتعالیٰ نے اپنی قدرت کا ایک اَور نمونہ دکھایا ہے۔ جب میں خطبہ پڑھ کر گھر گیا تو دل میں آیا سوائے دو تین طریقوں کے جو وقت کی تنگی کی وجہ سے بیان نہیں ہو سکے باقی سب میں نے بیان کر دیئے ہیںاور یہ جو مجھے یاد ہیں اِن کے علاوہ اور کوئی طریق نہیں ہے لیکن اُسی وقت جب کہ جمعہ کا دن اوررمضان المبارک کا مہینہ تھا میں نے دعا شروع کی تو خداتعالیٰ نے کئی نئے طریق مجھے اَور بتا دئیے ۔ میں نے سمجھا تھا کہ وہبی طریق کو چھوڑ کر جن کو انسان بیان ہی نہیں کرسکتا جس قدر بھی کسبی طریق ہیں اور جنہیں ہر ایک انسان استعمال کر سکتا ہے وہ سب میں نے اخذ کر لئے ہیں لیکن جاتے ہی خداتعالیٰ نے چار پانچ طریق اَور بتا دیئے ۔ گویا جب میں نے جگہ خالی کی تو اَور آگئے۔ علم کا خلااُس کا پھیلانا ہی ہوتا ہے یہ نہیں کہ وہ نکل جائے۔ دوسری چیزیں اُس وقت خلاپیدا کرتی ہیںجبکہ وہ خود نکل جائیں لیکن علم باوجود موجود رہنے کے خرچ کرنے سے خلا پید ا کردیتا ہے۔ پس مجھے تو بجائے کسی بھی قسم کا نقصان یاکمی ہونے کے فائدہ ہی ہوا کہ خداتعالیٰ نے اَور طریق سکھا دیئے۔ لیکن اُس کو خواہ مخواہ افسوس کرنا پڑا۔
یہ ایک غلطی ہے جو بڑی خطرناک ہے۔ چھپانے والی چیز تو وہ ہوا کرتی ہے جو بُری اور خراب ہواچھی چیز تو ظاہر کرنے کے لئے ہوا کرتی ہے۔ پھر وہ چیز جس میں کبھی کمی نہیں آسکتی بلکہ بڑھتی ہے پھر اُس کے چھپانے کی کیاوجہ ہو سکتی ہے۔ اسلام کی تعلیم تو ایسی ہی ہے کہ جو کبھی ختم نہیں ہو سکتی۔ خداتعالیٰ آنحضرت ﷺ کو فرماتا ہے ۔ کہ ہم نے تمہیں جو علم دئیے ہیںوہ ایک ایسی نہر ہے کہ جو کبھی ختم نہیں ہو سکتی اور جس کی تہہ نہیں ہے۔ ایسی نہر پر جو لوگ کھڑے ہوں اُن سے اگر کوئی ایک گلاس مانگے اور وہ کہیں نہیں دیتے تو ان سے بڑھ کر بخیل اور کنجوس اور کون ہو سکتا ہے۔ جس طرح ہو اسے کوئی بخل نہیں کرتا اِسی طرح اسلام کی تعلیم سے دوسروں کو واقف کرنے سے اُس وقت تک کوئی بخل نہیں کرتاجب تک کہ جاہل مطلق اور نادان نہ ہو۔ اگر کوئی ایسی نادانی کرتاہے تو اِس کا نتیجہ یہ ہوتا ہے کہ اُس کے علم میں کمی آنا شروع ہو جاتی ہے اور آخر کار با لکل بیکار ہو جاتاہے۔
مجھے تو اگر خداتعالیٰ کوئی نکتہ سمجھاتاہے یا کوئی علم دیتا ہے تو میں تو یہی چاہتا ہوں کہ جس طرح ہو سکے دوسروں تک پہنچادوں۔ اِس سے ایک تو یہ فائدہ ہوتا ہے کہ وہ فائدہ جو مجھے حاصل ہو رہا ہوتاہے وہی دوسروں کو ہونے لگتا ہے۔ پھر اس پر ترقی کر کے وہ جو باتیں پیدا کریں گے وہ مجھے مل جائینگی اور میں اُن سے فائدہ اُٹھا لوں گا لیکن وہ لوگ جو کسی بات کو اپنے تک ہی محدود رکھنا چاہتے ہیں ایک خطرناک مرض میں مبتلا ہیں۔ آپ لوگوں کو چاہئے کہ جہاں تک ہو سکے اِس مرض کے دور کرنے کی کوشش کریں اور جو اچھی اورعمدہ بات خواہ دین کے متعلق ہو یا دنیا کے اُنہیں بتانے سے دریغ نہ کیا جاوے یہ ترقی کا بہت بڑا راز ہے، اگر کوئی اِس کو سمجھ لے تو اُس کا علم روزانہ ترقی کرتا رہے گا۔
پس ہماری جماعت کے لوگوں کو خوب یاد رکھنا چاہئے کہ جس چشمہ سے ان کے علوم نکلتے ہیں وہ کوثر ہے اور ہمارے تمام علوم رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی خوشہ چینی اور آپ کے طفیل ہیں اور اس چشمہ کا نام خداتعالیٰ نے کوثر رکھا ہوا ہے کہ جس میں کبھی کمی نہیں آسکتی بلکہ جس قدر بھی ضرورت ہو اُس سے بڑھ کر اِس میں سے نکلتا رہتا ہے۔ کوثر اُس چشمہ کا بھی نام ہے جو جنت میں ہو گا اُس میں بھی کمی نہیں آتی مگر اسلام کی تعلیم جہاں سے نکلتی ہے اُس کانام بھی کوثر ہے۔ پس جس چشمہ سے ہم پانی لیتے ہیں اُس کا نام خداتعالیٰ نے کوثر رکھا ہوا ہے۔ پھر کیسی نادانی ہوگی اگر کوئی یہ خیال کرے کہ اس میں سے خرچ کرنے سے کمی آجائیگی اورپھر یہ کیسی نادانی ہوگی کہ کوئی مانگے اور ہم نہ دیں، پھر یہ بھی کیسی نادانی ہو گی کہ جو مانگنا نہیں جانتے اُن کو ہم خود نہ پہنچائیں۔ وہ قوم جس کو رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی معرفت کوثر ملا ہے اُس کا یہ کام ہونا چاہئے کہ اگر اس سے کوئی نادانی اور جہالت کی وجہ سے نہیں مانگتا تو بھی وہ اسے خود بخود دے اورسیراب کرے۔ جس کو خداتعالیٰ نے علم دیا ہے وہ علم کو پھیلائیں اور جن کو کوئی اَور بات معلوم ہے وہ اُسے شائع کریں اور ذرا بھی بخل نہ کریں۔
اِس زمانہ میں ہماری جماعت کو خداتعالیٰ نے اس کوثر کا داروغہ مقرر کیا ہے ۔تیرہ سَو سال میں متفرق جماعتوں کے ہاتھ میں وہ رہا مگر اب خداتعالیٰ نے ان سب سے چھین کر ہمیں دے دیاہے اس لئے ہماری جماعت کا فرض ہے کہ وہ لوگ جو اس آبِ حیات کے بغیر مر رہے ہیں اُن تک پیالے بھر بھر کر پہنچائے اور اُنہیں پکڑ پکڑ کر پلائے اوریاد رکھے کہ اِس چشمہ میں کبھی کمی نہیں آسکتی۔ اللہ تعالیٰ نے یہ نعمت تمہیںاِسی لئے دی ہے کہ تم خود بھی اس سے فائدہ اٹھائو اور دوسروں کو بھی فائدہ پہنچائو۔
دیکھو بعض امیر مال تقسیم کرنے کے لئے داروغے مقرر کرتے ہیں لیکن اگر وہ داروغے مستحق لوگوں کو مال دینے سے دریغ کریں تو اُنہیںہٹا دیتے ہیں اور ان سے وہ کام چھین کر اَور کو دے دیتے ہیں۔ اِسی طرح دین کے متعلق ہے وہ جو اسے تقسیم نہیں کرتے اور بے دینوں میں نہیں پھیلاتے اُن سے چھین لیا جاتاہے۔ پس تم میں سے ہر ایک وہ جس کو قرآن یا حدیث یا جو کچھ بھی آتا ہے وہ دوسروں کو پڑھائے اور یہ خیال نہ کرے کہ اُس کے علم میں کمی آجائے گی۔ اس کے منہ سے نکل کر کوئی بات دوسرے کے کان تک نہیں پہنچے گی کہ اسے ایک اور بات حاصل ہو جائے گی۔ میں نے اس بات کا خوب تجربہ کر کے دیکھا ہے اور جس طرح رؤیت کے متعلق شہادت دی جاسکتی ہے اسی طرح میں اس کے متعلق دیتا ہوں کہ کوئی بات اپنی جگہ سے نہیں ہلتی کہ خداتعالیٰ کی طرف سے اُس سے زیادہ نہیں مل جاتی ہے اور بیسیوں گنے زیادہ ملتی ہے گویا لوگوں کو بتانا ایک ڈاٹ ہوتا ہے کہ اس کو جب کھول دیا جاتا ہے تو اس زور سے دھار نکلنا شروع ہو جاتی ہے کہ بعض اوقات انسان اُٹھابھی نہیں سکتا۔ پس تم لوگ کسی بات کے پہنچانے میں کبھی بخل مت کرو۔ جہاں تک ہو سکے دوسروں کو پہنچائو۔ اور جو علم بھی خداتعالیٰ نے تمہیں دیا ہے اُسے اُن تک پہنچانے میں لگے رہو جن کے پاس اس سے تھوڑا ہے یا جن کے پاس بالکل ہی نہیں۔ وہ تم سے دور بھاگیںگے لیکن تم انہیں پکڑپکڑ کر دو۔ وہ تم سے نفرت کریں گے لیکن تم اُن کو محبت سے دو۔ وہ تمہاری باتیں نہیں سنیں گے مگر تم اُن کو پیار سے سنائو۔
یہاں بعض لوگ علم دین حاصل کرنے کے لئے آتے ہیں ان کو مشکل پیش آتی ہے حالانکہ ہمارا تو یہ فرض ہے کہ لوگوں کے گھروں میں جاکر پہنچائیں لیکن یہ خدا تعالیٰ کا فضل ہے کہ لوگ ہمارے گھر چل کر آجاتے ہیں۔ پھر اگر ہم ان کو کچھ نہ سکھائیں تو کیسی نادانی ہے۔ اگر کوئی شخص کسی کو نہیں سکھاتا خواہ اِس کی کوئی وجہ ہو تو وہ یاد رکھے کہ اُس کا علم بڑھ نہیں رہا بلکہ کم ہو رہا ہے اور ایک دن اُس پر ایسا آئے گا کہ وہ ایک بیکار اور فضول جسم رہ جائے گا۔
خداتعالیٰ ہماری جماعت کے ہر ایک فرد کو اِس بات کی توفیق دے کہ جو علم خداتعالیٰ کی طرف سے اسے دیا گیا ہے وہ لوگوں تک پہنچائے اور اپنے اوقات سے بچا کر کچھ وقت دین کے کاموں میں صرف کریں اور اس دین کو پھیلائے اور دنیا کے کونے تک پہنچانے میں لگ جائیں جو آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کے ذریعہ اور پھر حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام کے ذریعہ اِن کو ملا۔‘‘ آمین (الفضل ۲۳؍ستمبر۱۹۱۶ئ)
۱؎ الکوثر: ۲ تا ۴
۲؎ بخاری کتاب العلم باب مَنْ خَصَّ بِالعلم قَوْماً دُوْنَ قَوْمٍ

۲۹
ہر گُل کے ساتھ خار ہوتا ہے
(فرمودہ ۸؍ ستمبر۱۹۱۶ئ)
تشہد،تعوذ اور سورۃ فاتحہ کی تلاوت کے بعد فرمایا :۔
’’سورۃ فاتحہ روزانہ بلکہ دن کے ہر تغیر کے وقت ہمیں بتاتی ہے اور اِس طرف متوجہ کرتی ہے کہ ہر انعام کے ساتھ کچھ مشکلات بھی لگی ہوتی ہیں اور کچھ خطرہ بھی ہوتاہے اورجس پر انعام نہیں ہوا ہوتا وہ ذمہ داریوں سے بھی بچا ہوتاہے۔ ایک جنگل میں رہنے والا انسان جس کو حکومت کے معا ملات میں کچھ دخل نہیں اُس سے کسی قسم کی پُرسش بھی نہیں لیکن ایک وزیر جہاں بادشاہ کا مقرب اورمنظورِ نظر ہے وہاں اُس کی ذمہ داریاں بھی بہت زیادہ ہوتی ہیں اور جس طرح اُس کے لئے یہ خوشی اور فخر کرنے کا مقام ہوتا ہے کہ اُسے عزت حاصل ہوتی ہے اِسی طرح اُس کے لئے یہ ڈرنے اورخوف کرنے کا بھی مقام ہوتا ہے کہ مجھ سے کوئی ایسی حرکت نہ ہو جائے کہ میں اپنے آقا کا معتوب ہو جائوں۔ تو سورئہ فاتحہ اِس طرف متوجہ کرتی رہتی ہے کہ اللہ تعالیٰ سے انعام مانگو لیکن ساتھ ہی اِن انعاموں کے ملنے پر یہ بھی خیال رکھو کہ ایسے افعال میں نہ پڑ جائوکہ اللہ تعالیٰ کو اپنے اوپر ناراض کر بیٹھو۔ دیکھو جتنے لوگوں پر اللہ تعالیٰ کے انعامات ہوتے ہیں اُن میں سے اکثر ایسے ہوتے ہیں کہ تکبر اور گھمنڈ میں آجاتے ہیں۔ چنانچہ امراء میں جس قدر تکبر، گھمنڈ، عداوت، بغض، کینہ، بیوفائی، بدعہدی وغیرہ وغیرہ افعالِ شنیعہ پائے جاتے ہیں غرباء میں اُن کی نسبت بہت کم ہوتے ہیں۔ کیوں؟ اِس لئے کہ ان پر جو مصائب اور تکالیف آتی رہتی ہیں وہ انہیں خداتعالیٰ کی طرف متوجہ کئے رکھتی ہیں۔ اس میں شک نہیں کہ انعام ایک اچھی چیز ہے اس سے بہتر کیا ہوگا پھر خداتعالیٰ کا انعام ۔ لیکن جہاں انعام کی جستجو ہو وہاں یہ خیال بھی رکھنا چاہئے کہ انعام ملنے سے جو تکبر، خودی ،کبر یائی آجاتی ہے اُس سے بچیں۔
ہماری جماعت پر خداتعالیٰ نے بڑے فضل اور انعام کئے ہیں اگر وہ ان پر فخر کرے تو بجا ہے کیونکہ خداتعالیٰ نے انہی کے متعلق فرمایا ہے کہ ؎۱ لیکن ساتھ ہی انہیں یہ بھی فکر رکھنی چاہئے کہ وہ اپنے آپ کو سمجھتے اور جانتے ہیںتو ان ذمہ داریوں کے نیچے بھی دبے ہوئے ہیں جو ان سے پہلوں کی تھیں۔ اب اللہ تعالیٰ تم سے پوچھ سکتا ہے کہ ہم نے جو تم پر اتنا بڑا احسان کیا تھا کہ تم نے خود بھی اسے محسوس کیا تھا اور اس پر فخر کرتے تھے پھر جب تم نے نافرمانیاں کیں، اپنے عہدوں کو ٹالا تو تمہاری کیا سزا ہونی چاہئے۔ جس طرح بادشاہ کا وزیر سب سے زیادہ مقرب ہو سکتا ہے لیکن قصوروارہونے کی حالت میں سب سے زیادہ سزا کا بھی مستحق ہوتا ہے اِسی طرح مُنْعَم ْجماعتیں جب ٹھوکر کھا تی ہیں تو بہت ہی بُری طرح گرتی ہیں۔ دیکھو بعض افراد کی عزت کی وجہ سے یہود خداتعالیٰ کے حضور بہت مُنْعَم ْ ہو گئے تھے ۔ پے درپے اُن میں سے نبی بنائے گئے، اُن میں انبیاء کا ایک سلسلہ چلا جا رہا تھامگر جب وہ گرے تو ایسے گرے کہ ذلت اور رُسوائی میں تمام قوموں سے بڑھ گئے۔
ہندو ئوں کا مذہب ان سے بہت پہلے کا مذہب ہے لیکن ان کی ابتک کچھ نہ کچھ حکومت چلی ہی جاتی ہے اور یہودیوں کی ایک چپہ زمین پر حکومت نہیں۔ ہندوجہاں بھی ہیں امن وامان سے گزارہ کرتے ہیں مگر یہود کبھی ایک ملک سے نکالے جاتے ہیں کبھی دوسرے سے حالانکہ یہ ہندوئوں سے بہت بعد کی قوم ہے اس میں ان کے مقابلہ میں زیادہ طاقت ہونی چاہئے تھی مگر نہیں۔ بہت پہلی قوم میں اِن سے زیادہ طاقت ہے اور اِس میں نہیں۔ کیوں؟ اِس لئے کہ اِس پر جس قدر انعامات ہوئے تھے اُتنے ہندوئوں پر نہیں ہوئے تھے اِس لئے جب وہ گری تو ان سے بہت زیادہ نیچے گر گئی۔
ہماری جماعت کے لوگوں کو اِس بات کی بہت فکر چاہئے کہ جہاں وہمیں داخل ہیں وہاں ان پر بڑے بڑے فرائض بھی ہیں۔ اگر وہ ان کو پورا نہیں کریں گے تو خدا ان کا رشتہ دار نہیں۔ پس اگر تم نے دین کو دنیا پر مقدم کرنے کا عہد کیا ہواہے اور ضرور کیا ہوا ہے تو پھر اس کے پورا کرنے کا کونسا وقت آئے گا۔ دین کی اِس حالت کو جس کی نسبت حضرت مسیح موعودعلیہ السلام فرماتے ہیںکہ:۔
ہر طرف کفر است جوشاں ہمچو افواجِ یزید
دین حق بیمارو بے کس ہمچو زین العابدین
یعنی ہر طرف کفر اِس طرح جوش مار رہا ہے جس طرح یزید کی فوجیں تھیں اور دین کی یہ حالت ہے کہ امام زین العابدین کی طرح بیمار اور بے کس پڑا ہے۔ واقعی یہی حالت اسلام کی ہے اس کو سمجھتے ہوئے جو سستی کرتے اور اپنی ضروریات کو دین کی ضروریات سے مقدم کرتے ہیں وہ سوچیں کہ کیا کر رہے ہیں۔ ایسے لوگوں کے لئے بہت خطرہ کامقام ہے انہیں تو ایک منٹ کے لئے بھی دین کی طرف سے غافل نہیں ہونا چاہئے۔ وہ آدمی جسے پہرہ پر کھڑا کیا جائے وہ اگر ذرا بھی غفلت کرے تو اسے بہت سخت سزا دی جاتی ہے اور آجکل تو اتنی سختی کی جاتی ہے کہ اگر پہرہ دار کو اُونگھتا ہوا بھی دیکھا جائے تو گولی مار دیتے ہیں۔ کیوں؟ اِس لئے کہ اُس کی تھوڑی سی غفلت بہت بڑے نقصان کا موجب ہو جاتی ہے۔ اِسی طرح وہ جو خداتعالیٰ کی طرف سے دنیا کے لئے بطور پہرہ دار، شاہد اور نگران مقرر کئے جاتے ہیں اگر وہ اپنے فرائض سے ذرابھی غافل ہوں تو بہت سزا پاتے ہیں ۔دوسرے اگر سوئیں تو کوئی نہیں پوچھتا لیکن وہ اگر اُونگھیں بھی توگولی مارنے کے قابل ہوجاتے ہیں۔
پس تم لوگ اِس خطرہ کو مد نظر رکھتے ہوئے اپنی ذمہ داریوں کے سمجھنے کی طرف توجہ کرو تاکہ غفلت سے محفوظ رہ کر انعامات حاصل کرسکو۔ اللہ تعالیٰ ہماری جماعت کو اس بات کی توفیق دے کہ اِس نے جو عہد حضرت مسیح موعودعلیہ السلام کے ہاتھ پر کیا ہے اُس کو پورا کرے اور اپنی ذمہ داریوں کو سمجھے۔ ‘‘ (الفضل ۲۶؍ ستمبر ۱۹۱۶ئ)
۱؎ الجمعۃ: ۴
۳۰
وَسْوَاسِ الْخَنَّاسِ سے بچنے کے طریق
(فرمودہ ۲۲ ستمبر۱۹۱۶ئ)
تشہد،تعوذ اورسورۃ فاتحہ کے بعد حضور نے سورۃ والناس کی تلاوت کی:۔
۱؎
پھر فرمایا:۔
’’انسان کی پیدائش اللہ تعالیٰ نے ایسی طرح کی ہے کہ یہ بڑی سے بڑی ترقیات بھی حاصل کر سکتا ہے اور چونکہ ترقیات کے لئے مشکلات کا سامنا بھی ضروری ہوتاہے اس لئے یہ نیچے سے نیچے بھی گر سکتا ہے۔ اس کے اِرد گرد ہر وقت ایسے سامان موجود رہتے ہیں کہ جن میں سے بعض تو اُس کو اوپر کی طرف کھینچتے ہیں اور بعض نیچے کی طرف۔ پھر خداتعالیٰ نے اس کے اپنے اندر ایسی طاقت رکھی ہے کہ یہ ان دونوں قسم کے سامانوں میں سے جن سے متاثر ہونا چاہئے ہو سکتا ہے۔ گویا اِس کی مثال اُس انجن کی ہے جس میں سٹیم بھرا ہوا ہو اور وہ ایک ڈھلوان سٹرک پر کھڑاہو اُس وقت وہ دونوں طرف جا سکتا ہے اوپر کی طرف بھی اور نیچے کی طرف بھی۔ اگر وہ سٹیم سے کام لے گا تو اوپر کی طرف جا سکے گا اور اُس طاقت سے جو اُس کے اندر رکھی گئی ہے کام نہ لے گا تو نیچے سے نیچے چلا جائے گا۔ پھر جس طرح انجن کو ایک ایسی جگہ کھڑا کر دیا جائے جو ڈھلوان ہو اور اس میں سے طاقت نکال دی جائے تو نیچے ہی کی طرف آئے گا اِسی طرح ایک انسان کو جس کے اندر طاقتیں رکھی گئی ہیں جب وہ ان طاقتوں کو چھوڑ دیتا اور ان سے کام نہیں لیتا تو نیچے ہی نیچے گرتا چلا جاتا ہے اور اتنا نیچے گر جاتا ہے کہ اس کے دوسرے ساتھی حیران ہو جاتے ہیں کہ کیا اتنا نیچے گر گیا لیکن جب انسان طاقتوں سے کام لیتا ہے تو اوپر بھی اتنا چڑھتا ہے کہ دیکھنے والے حیران رہ جاتے ہیں۔جس طرح دور سے ستارے بہت چھوٹے اور چمکتے ہوئے دکھائی دیتے ہیں اور ان پر غور کرنے والا حیران ہو جاتا ہے کہ کتنی بڑی فضا ہے اور اس میں کس قدر ستارے ہیں اور خدا تعالیٰ کی کیسی کیسی عجیب مخلوق ہے اِسی طرح انسان کی ترقی اور تنزّل کا حال ہے۔ جس طرح اِس فضاکی حد بندی نہیں ہوسکتی اور کوئی نہیں کہہ سکتا کہ چار یا دس یا سَو یا ہزار ارب میل پر یہ ختم ہو جاتی ہے اِسی طرح یہ بھی کوئی نہیں کہہ سکتا کہ فلاں مقام پر جاکر انسان کی ترقی بند ہو جاتی ہے۔ پھر جس طرح کوئی یہ نہیں کہہ سکتا کہ زمین کے نیچے فلاں حد سے آگے کوئی مخلوق نہیں اِسی طرح انسان کے گرنے کے متعلق بھی کوئی حد بندی نہیں کر سکتا۔ انسان ترقی کرتے کرتے ایسا ایمان حاصل کر سکتا ہے اور اس میں اتنی خوبیاں جمع ہو سکتی ہیں کہ وہ اللہ تعالیٰ کی صفات کو اِس طرح اپنے اندر لے لیتا ہے کہ دیکھنے والے کو یہ دھوکا لگ جاتا ہے کہ یہی خدا ہے۔ چنانچہ جن برگزیدہ انسانوں نے اپنے قلوب کو بہت ہی صاف کر لیا اور ایمان کے اعلیٰ درجہ کو پہنچ گئے اُن کی نسبت لوگوں نے غلطی سے یہ سمجھ لیا کہ یہی خدا ہیں یا ان میں خدا ہے۔ حضرت کرشن ؑ، حضرت رامچندر، حضرت مسیح ؑ،حضرت عزیرؑ کو لوگوں نے خدا بنا لیا اور سب سے زیادہ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم اِس مقام پر پہنچے تھے کہ آپؐ کو لوگ خدا سمجھتے مگر آپ کے دل میں خداتعالیٰ کی توحید کا ایسا جوش تھا اور شرک کے نام تک سے ایسی نفرت تھی کہ آپ نے اس کے مٹانے کے لئے لَآاِلٰہَ اِلَّااللّٰہُ کے ساتھ مُحَمَّدً ا عَبْدُہٗ َورَ سُوْلُہٗلگا دیا۔
نادان اور ناسمجھ انسان اعتراض کرتے ہیں کہ محمد (صلی اللہ علیہ وسلم) نے خدا کے ساتھ اپنے نام کو لگا کر اپنے آپ کو خدا کا شریک قرار دے لیا ہے مگر وہ یہ نہیں جانتے کہ یہ آپ نے اپنے تئیں خداتعالیٰ سے علیحدہ کرنے کے لئے کیا ہے نہ کہ خداتعالیٰ سے ملانے کے لئے۔ پورا حکم تو یہی ہے۔ اَشْھَدُاَنَْ لَّآ اِلٰہَ اِلَّا اللّٰہُ وَاَشْھَدُ اَنَّ مُحَمَّدً اعَبْدُ ہٗ وَرَسُوْلُہٗ۔ کہ جس طرح ہم یہ گواہی دیتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ کا کوئی شریک نہیں ہے اِسی طرح ساتھ ہی یہ بھی کہتے ہیں کہ محمدصلی اللہ علیہ وسلم باوجود اِس قدر کمالات رکھنے کے اللہ تعالیٰ کے بندے اور رسول ہی تھے۔ کیا یہ شرک ہے؟ نہیں۔ بلکہ یہ تو شرک کے مٹانے کا ذریعہ ہے۔یہی وہ حکم ہے جس نے لوگوں کو آپ کے خدا بنانے سے روکا ۔ ورنہ آپؐ حضرت کرشنؑ، حضرت مسیحؑ وغیرہ سے زیادہ اِس بات کے حقدار تھے کہ آپ کو خدا سمجھا جاتا ۔ بائبل کی پیشگوئیوں میں بھی آپؐ کی شان اور مرتبہ کو مدنظر رکھتے ہوئے آپ کو خدا ہی کے رنگ میں پیش کیا گیا ہے اور حضرت مسیحؑ کو بیٹے کی حیثیت سے۔ چنانچہ بائبل میں ایک تمثیل کے طور پر حضرت مسیحؑ اپنے آپ کو بیٹے کی نسبت دیتے ہیں اور رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے آنے کو خود خداتعالیٰ کا آنا کہتے ہیں۔ چنانچہ حضرت مسیحؑ کہتے ہیں۔
’’ ایک اَور تمثیل سنو۔ ایک گھر کا مالک تھا جس نے انگورستان لگایا اور اس کے چاروں طرف روندھا گھیرا اور اس میں حوض کھودا۔ اور برج بنایا اور اسے باغبانوں کو ٹھیکے پر دے کر پردیس چلا گیا۔ اور جب پھل کا موسم قریب آیا تو اس نے اپنے نوکروں کو باغبانوں کے پاس اپنا پھل لینے کو بھیجا اور باغبانوں نے اس کے نوکروںکو پکڑ کر کسی کو پیٹا اور کسی کو قتل کیا اور کسی کو سنگسار کیا۔ پھر اس نے اَور نوکروں کو بھیجا جو پہلوں سے زیادہ تھے۔ اور انہوں نے ان کے ساتھ بھی اِسی طرح کیا۔ آخر اُس نے اپنے بیٹے کو اُن کے پاس یہ کہہ کر بھیجا کہ وہ میرے بیٹے کا تو لحاظ کریں گے۔ جب باغبانوں نے بیٹے کو دیکھا تو آپس میں کہا کہ یہی وارث ہے آئو اِسے قتل کر کے اِس کی میراث پر قبضہ کر لیں اور اسے پکڑ کر باغ سے باہر نکالا اور قتل کر دیا۔ پس جب اس باغ کا مالک آئے گا تو اِن باغبانوں کے ساتھ کیا کرے گا؟ انہوں نے اُس سے کہا ان بڑے آدمیوں کو بُری طرح ہلاک کرے گا اور باغ کا ٹھیکہ اَور باغبانوں کو دے گا جو موسم پر اُس کو پھل دیں۔‘‘ ؎۲
اِس عبارت میں حضرت مسیحؑ نے اپنے آنے کو بیٹے کا آنا اور آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کے آنے کو خود مالک باغ کا آنا قرار دیا ہے۔ واقعہ میں آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم ہی کی شان ایسی تھی کہ اگر خداتعالیٰ دنیا میںانسان کے بھیس میں آتا تو آپؐ ہی کے وجود میں آتا اور آپؐ ہی کی شان کو دیکھ کر لوگوں کو اِس بات کا دھوکا لگ جاتا لیکن خداتعالیٰ نے اِس سے لوگوں کو بچانے کے لئے اور اِس خرابی کو دور کرنے کے لئے اپنی وحدانیت کے اقرار کے ساتھ ہی آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی عبودیت بھی لگا دی۔
غرض انسانوں میں سے ایسے انسان ہوئے ہیں کہ جن کو اتنے بڑے درجے حاصل ہوئے اور جن کے قلب میں اتنی صفائی ہو گئی تھی کہ اُن کو لوگوں نے غلطی سے خدا یا خدا کے بیٹے یا خدا کے شریک سمجھ لیا۔ گویا انسانوں نے اپنے میں اور ان برگزیدہ انسانوں میں اتنا فرق سمجھ لیا کہ گویا ہم عابد ہیں اور وہ معبود حالانکہ وہ ان ایسے ہی ہوتے تھے۔ ایسی ہی ان کی طاقتیں بھی ہوتی تھیں جیسی کہ ان کو معبود ماننے والوں میں ہوتی تھیں مگر جب انہوں نے اپنی طاقتوں سے عمدگی کے ساتھ کام لیا تو دوسرے جنہوں نے ان طاقتوں کو بیکار چھوڑے رکھااُن کو خدایا خدا کے اوتار اور خدا کے بیٹے سمجھنے لگ گئے۔ اس کے مقابلہ میں ایک دوسری مخلوق بھی ہے۔ وہ اپنے مقام سے اِتنی گری اِتنی گری کہ اس کو انسان کہنا، اُس کی طرف منسوب ہونا، اُس سے دوستی رکھنا، اُس کے نام رکھنا بھی کوئی پسند نہیں کرتا۔ کیوں؟ اِس لئے کہ وہ اِتنی نیچے گری کہ جس طرح دورکی چیز بہت چھوٹی اور حقیر معلوم ہوتی ہے اِسی طرح وہ چونکہ انسانیت سے گر کر بہت نیچے اوردور ہو گئے اِس لئے انسانوں کی نظروں میں حقیر دکھائی دینے لگے۔ جو اوپر چڑھے وہ تو ان سے بلند ہوئے کہ ان کو انہوںنے اپنے میں سے خارج سمجھ کر خدا اور خدا کے اوتار بنا لیا۔ لیکن جو نیچے گرے اُن کی ذلت اور ادنیٰ ترین حالت کی وجہ سے لوگوں نے ان کو انسان بھی قرار نہ دیا اور واقعی وہ انسان کہلانے کے مستحق ہی نہ تھے۔ خداتعالیٰ نے بھی ان کو انسان نہیں کہا بلکہ بندر اور سؤر قرار دیا ہے ۔گویا خداتعالیٰ نے اِس بات کی تصدیق فرما دی ہے کہ وہ انسان جو گرنے والوں کو اُن کی دُوری اور بعد کی وجہ سے اپنے میں شامل کرنا پسند نہیں کرتے وہ ٹھیک کرتے ہیں۔ واقعی ایسے لوگ ان میں سے نہیں بلکہ بندر اور سؤر ہیں۔
تو یہ مدارج ہیں بعض اونچے ہیں اور بعض نیچے اوربعض درمیانی۔ اِن کے حصول کے لئے خداتعالیٰ نے انسان میںطاقتیں بھی رکھ دی ہیں۔ بعض طاقتیں انسان کو اوپر لے جانے والی ہیں اور بعض نیچے ۔ لیکن نیچے لے جانیوالی طاقتیں کوئی علیحدہ نہیں ہوتیں بلکہ وہ جواو پر کھینچنے والی ہوتی ہیں انہیں کے عدم کا نام نیچے لے جانے والی طاقتیں ہے۔ جس طرح اگر انجن سے سٹیم نکال لی جائے تو وہ ایک ڈھلوان جگہ سے خود بخود نیچے آجاتا ہے اُس کے نیچے آنے کا باعث کوئی اور طاقت نہیں ہوتی بلکہ سٹیم کا نہ ہونا ہی اُس کے نیچے آنے کا باعث ہوتاہے اِسی طرح خداتعالیٰ نے جو طاقتیں انسان کے اندر رکھی ہیں وہ سٹیم کی طرح اُسے اوپر لے جانے والی ہیں ہاں جب کوئی ان سے کام نہیں لیتا تو وہ نیچے گرنا شروع ہو جاتا ہے۔ جس قدر بُری طاقتیں ہیں وہ اچھی اور اعلیٰ کے نہ ہونے سے بنتی ہیں۔ مثلاً حقارت کیاہے؟ محبت کے نہ ہونے کا نام ہے۔ کسی سے محبت گھٹتے گھٹتے ایک ایسے درجہ پر پہنچ جاتی ہے کہ اس کا نام حقارت ہو جاتاہے۔ دیکھو جس طرح سردی نام ہے گرمی کے نہ ہونے کا اِسی طرح تمام بد اخلاقیاں اور بُرائیاں اخلاق اور بھلائیوں کے نہ ہونے کا نام ہے یہ کوئی علیحدہ نہیں۔
بعض نادان اعتراض کرتے ہیںکہ کیا خدا نے ہی بدی اور بُرائی کو پیدا کیا ہے؟ اگر خدا نے ہی کیا ہے تو بہت بُرا کیا ہے۔ وہ نادان نہیں جانتے کہ خدا تعالیٰ نے کوئی بدی پیدا نہیں کی بلکہ اُس نے نیکی پیدا کی ہے جو بدبخت کسی نیکی کو نکال کر پھینک دیتے ہیں اُن میں اِس کی بجائے بدی آجاتی ہے تو بدی نیکی کے عدم کا نام ہے۔ اخلاق کے اثر کا یہاں تک تجربہ کیا گیاہے کہ ایسی لکڑی کے پنگھوڑے بنائے گئے ہیں جو ذرا سے اثر سے بھی جھک جاتے ہیں۔ اِس پر لیٹ کر جب محبت اور خوشی کے خیال کئے گئے ہیں تو تختہ اونچا ہوا ہے اور جب نفر ت اور حقارت کے خیال کئے گئے ہیں تو نیچے دبتا گیا ہے۔ تو اونچا لے جانے والی طاقت جب نکل جائے تو پھر نیچے لے جانے والی طاقت خود بخود پیدا ہو جاتی ہے۔ انسان کے اِرد گرد دو قسم کے سامان ہیں ۔ ایک تو ایسے کہ جو انسان کو اعلیٰ اخلاق اور عادات سے دُور کرتے جاتے ہیں اور دوسرے ایسے کہ ان کے ذریعہ محبت، اخلاق، وفاداری، نیک سلوک، احسان اور مروت کرنے کی صفات پیداہوتی ہیں اور یہ بڑھتی رہتی ہیں اور انسان کو اوپر ہی اوپر لے جاتی اور بلند کر دیتی ہیں کہ دیکھنے والے حیران ہو جاتے ہیں لیکن بعض ایسے کام ہیں جو ان صفات سے جدا کر دیتے ہیں اوراس سے انسان گرتا جاتاہے۔
لیکن جس طرح انجن کے محفوظ رکھنے اور عمدگی سے چلانے کے لئے گارڈ اور ڈرائیور کی ضرورت ہوتی ہے اسی طرح ہر ایک انسان کو شرور اور وساوس سے بچانے کے لئے ملائکہ مقرر ہوتے ہیں وہ اس کو نیکی کے کام کرنے میں مدد دیتے رہتے ہیں لیکن جب وہ ملائکہ الگ ہو جائیں تو جس طرح انجن سٹیم کے نکال لینے سے خود بخودڈھلوان سے نیچے آنا شروع ہو جاتا ہے اِسی طرح کچھ بد روحیں ہوتی ہیںوہ انسان کو نیچے کھینچنا شروع کر دیتی ہیں۔ جو انسان اپنی غفلت اور کوتاہی سے ملائکہ سے قطع تعلق پیدا کر لیتا ہے تو پھر اُس کا خود بخود بد روحوں سے تعلق جڑ جاتا ہے ۔ ان سے بچنے کے لئے خداتعالیٰ نے اِس سورۃ میں جو میں نے ابھی پڑھی ہے علاج بتایا ہے۔
فرمایا کہ کچھ لوگ ایسے ہوتے ہیں جو بظاہر محبت کا سلوک کرتے ہیں لیکن چونکہ ان کا تعلق ملائکہ سے نہیں ہوتا اس لئے بجائے اس کے کہ کسی کو اوپر لے جانے میں مدد دیں اَور نیچے گرا دیتے ہیں۔ ان کو انسان دوست سمجھتاہے لیکن دراصل وہ اُس کے دشمن ہوتے ہیں۔ فرمایا ان سے بچنے کی ہم تمہیں ایک ترکیب بتاتے ہیں اور وہ یہ کہ خدا سے ہمیشہ ان سے محفوظ رہنے کی دعا مانگو۔ اُس کو کہو کہ اے خدا! تو رب ہے ۔ رب کے معنی ہیں پیدا کرنے والا اور پیدا کرنے کے بعد اُس کی باریک درباریک ضروریات کو پورا کرکے کمال تک پہنچانے والا۔ تو فرمایا۔ تم ایسے خداسے مدد مانگو جو ربّ ہے اور اُسے کہو کہ ہمیں اِس سے بڑھ کر اور کیا ضرورت ہو گی کہ ہمیں ایسی خواہشات اور ایسے لوگوں سے تعلق نہ ہو جو ہمیں نیچے ہی نیچے لے جانے والے ہوں۔پس ہم اپنے آپ کو تیرے ہی سپرد کرتے ہیں کہ تو ہمیں اوپر لے جا۔ یہ تو ربوبیت کا واسطہ دے کر دعا ہوئی۔ اِس سے بڑھ کر مالکیت کا درجہ ہے۔ فرمایا پھر اُس خدا کو پکارو جو ہے۔ لوگوں کا بادشاہ ہے۔ بادشاہ کبھی یہ پسند نہیں کرتا کہ کوئی باغی اُس کی رعایا کو تکلیف پہنچائے ۔ اِس لئے فرمایا خدا کو کے نام سے اپنی مدد کے لئے پکارو کہ اے خدا !ہم تیری رعایا ہیں کیااگر ہمیں کوئی دکھ دے، کوئی تکلیف پہنچائے تو تیری شانِ بادشاہت کو غیرت نہیں آئے گی؟ ضرور آئے گی، پس ہم کو بچا۔ دیکھو دنیاوی بادشاہوں کی رعایا کو اگر کوئی بہکائے تو اُنہیں غیرت آتی ہے اور وہ اُسے ہلاک اور تباہ کر دیتے ہیں اِسی طرح اگر کوئی خداتعالیٰ کو اپنا آپ سپرد کر دے تو کیا وہ اُس کے بہکانے والوں کو سزا نہیں دے گا؟ضرور دے گا۔ پس فرمایا تم اپنے آپ کو خدا کے سپرد کر دو اور کہوکہ الٰہی!تو ہی ہمارا بادشاہ ہے اور ہم تیری رعایا۔ ہمیں اِن باغیوں اور سرکشوں سے نجات دے جو تیرے جادئہ اطاعت سے ہمیں منحرف کرنا چاہتے ہیں۔
ربوبیت سے بڑھ کر الوہیت کا تعلق ہے۔ ہر ایک بادشاہ اللہ نہیں ہو سکتا ۔ ایک ہی بادشاہ ایسا ہے جو اللہ ہے اور وہ خداتعالیٰ ہے۔ فرمایا ۔ پھر الوہیت کی صفت کو پکارو اور کہو خدایا !ہم تیرے بندے ہیں اور تو ہمارا معبود ۔ جب کوئی بادشاہ یہ پسند نہیں کرتا کہ اُس کی رعایا کو کوئی ورغلائے تو پھر توجو معبود ہے کس طرح پسند کر سکتا ہے کہ تیرے بندوں کو کوئی ورغلائے ۔ پس ہم تیرے ہی حضور عرض کرتے ہیں کہ تو ہمیں فسادوں اور فتنوں سے بچا، شریروں اور باغیوں کے وساوس سے نجات دے اور بلند سے بلند درجے کی توفیق بخش ۔
جس طرح بلندی کے بڑھنے کے ساتھ ساتھ مشکلات بھی بڑھتی جاتی ہیں اِسی طرح خداتعالیٰ نے اپنی صفات بھی علی الترتیب اعلیٰ بیان فرمادی ہیں تاکہ جہاں مشکلات بڑھتی جائیں وہاں خداتعالیٰ کو اُس کی اعلیٰ صفات کے مطابق اپنی مدد اور تائید کے لئے پکارتے جائو۔
اِس زمانہ میں اس سورۃ کے پڑھنے کی بڑی ضرورت ہے۔ لوگوں کو آجکل دین سے بڑی نفرت ہو گئی ہے۔ بعض جگہ بہت چھوٹی چھوٹی اورمعمولی باتوں سے ابتلاء آجاتے ہیں ۔مثلاً کسی کا جنازہ نہیں پڑھا، یا کسی نے رشتہ نہیں دیا، یا فلاں کیوں سیکرٹری بنایا گیا اور فلاں پریذیڈنٹ کیوں بنایا گیا۔ مجھے حیرت ہی آتی ہے کہ اِس زمانہ میں ایمان کی قیمت کیوں اِس قدر تھوڑی ہوگئی ہے۔ حضرت مسیح موعودعلیہ السلام نے لکھا ہے کہ اِس زمانہ سے اِس سورۃ کا بہت تعلق ہے۔ چنانچہ تجربہ بتاتا ہے کہ واقعہ میں ہمارے دوستوں کو اس کی بہت ضرورت ہے تا وہ شریر لوگ جو اِن کے دلوں میں وسوسے ڈالتے ہیں اُن سے محفوظ رہیں۔ وہی ہستیاں ہوتی ہیں جو نظر نہیں آتیں یعنی پوشیدہ رہتی ہیں۔ کبھی کسی لباس میں اور کبھی کسی لباس میں آکر وسوسے ڈالتی رہتی ہیں اور انسان سمجھتا ہے کہ یہ میری خیر خواہ اور ہمدرد ہیں۔ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا تھاکہ ایک زمانہ ایسا آئے گا کہ انسان رات کو مومن سوئے گا اور صبح کو کافر اُٹھے گا اور اُسے پتہ بھی نہیں ہو گاکہ کس طرح اُس کا ایمان چلا گیا۔ وہ یہی زمانہ ہے اس میں لالچ، حسد، بغض، ناجائز رُعب، خوف اتنا ترقی کر گیا ہے کہ ایمان کی کچھ بھی قیمت نہیں رہی اور وہ اس طرح بیچ دیا جاتا ہے کہ گویا بہت ہی حقیر چیز ہے۔ جس قدر جلدی اپنے پاس سے دور ہو اُتنا ہی اچھا ہے۔ اپنے گندوں اور میلوں کو لوگ اتنا جلدی نہیں پھینکتے جتنا کہ ایمان کو پھینکتے ہیں۔ اگر ان کو کہا جائے کہ رسم ورواج کے گندوں کو چھوڑ دو تو لڑنے پر تیار ہو جاتے ہیں کہ اِس طرح ہماری ناک کٹ جاتی ہے۔ مگر ایمان کو ترک کرنے کے لئے اگر کوئی کہے تو بڑی خوشی سے تیار ہو جاتے ہیں۔ تو یہ زمانہ اِس سورۃ کے پڑھنے کابہت مستحق ہے تاکہ خدا تعالیٰ کی ربوبیت، مالکیت ، الوہیت کی صفات مدد کریں اور نیک اور نیچے گرنے والی ہستیوں میں سٹیم بھر جائے تاکہ وہ اوپر چڑھ سکیں یہ خداتعالیٰ کی مدد کے سِوا ہو نہیں سکتا۔اس میں شک نہیں کہ کامیابی کے لئے اسباب کا ہونا بھی ضروری ہے مگر جب تک خداتعالیٰ کی طرف سے توفیق نہیں ملتی باوجود سامانوں کے اس کام کے کرنے کا جوش اور ہمت نہیں پیدا ہو سکتی۔ دیکھو اگر کسی کو کچھ تکلیف پہنچے اور وہ پولیس میں رپورٹ کرے تو پولیس اس کی تحقیقات کرے گی لیکن اگر پولیس کو حکامِ بالا کی طرف سے خاص طور پر اس کی تحقیقات کا حکم ہو تو وہ بہت کوشش اور تندہی سے اس کام کو کرے گی۔ اس طرح خداتعالیٰ نے ہر کام کے لئے سامان پیدا کئے ہیں لیکن جب خداتعالیٰ ان کو یہ کہہ دے کہ میرے فلاں بندے کی مدد اور تائید کرو تو سمجھ لو کہ وہ کس قدر زور سے کریں گے۔ تو صرف سامان کوئی چیز نہیں اکثر اوقات سامان کی موجودگی میں ناکامی ہوتی ہے لیکن جب خداتعالیٰ کا حکم ہو جائے تو پھر کامیابی یقینی ہوتی ہے۔
پس ہماری جماعت کو اس بات کی بڑی ضرورت ہے کہ وہ خداتعالیٰ کی خاص خاص صفات کو یاد کیا کرے اور اس سورۃ کو پڑھا کرے تاکہ جن کے دلوں میں وساوس نہیں ان میں آئندہ بھی نہ پڑیں اور جن میں پڑے ہوں اُن سے نکل جائیں۔
خداتعالیٰ ہماری جماعت کو وساوس سے بچائے اور ان کے مقام کو بلند کرے کہ دنیا کی نظروں سے اتنے ہی دور ہو جائیں جتنے ستارے ہیں اور اُن لوگوں میں ہمارا نام لکھا جائے جو نبیوں اور صدیقوں اور شہیدوں کی جماعت ہے۔‘‘ (الفضل۳ ؍اکتوبر ۱۹۱۶ئ)
۱؎ الناس: ۲ تا آخر
۲؎ متی باب ۲۱ آیت ۳۳ تا ۴۱
۳۱
کی اطاعت فرض ہے
(فرمودہ۲۹ ستمبر۱۹۱۶ئ)
تشہد،تعوذ اور سورۃ فاتحہ کے بعد حضور نے مندرجہ ذیل آیات کی تلاوت کی:۔
؎۱
پھر فرمایا:۔
’’کسی قوم کی تباہی اور ہلاکت عام طور پر ان اندرونی اسباب کے ذریعہ ہوتی ہے جو خود اس میں پیدا ہو جاتے ہیں۔ بیرونی سامانوں سے قوموں کا تباہ ہونا بہت کم پایا جاتا ہے اور شاذو نادر ہی ایسا ہوا ہے کہ کوئی قوم واقعہ میں طاقتور اورمضبوط ہو لیکن اُس کے خلاف اُس سے زیادہ طاقتور قوم زیادہ سازو سامان کے ساتھ کھڑی ہو گئی ہو اور اُس نے اُس کی طاقت کو توڑ دیا ہو۔ عام طور پر یہی ہوتا ہے کہ اُسی وقت کوئی قوم تباہ وبرباد ہوتی ہے جبکہ خود اُس کے اندر کمزوریاں اور بدیاں پیدا ہو گئی ہوں۔ اِس میں کوئی شک نہیں کہ ایسے اوقات میں بیرونی سامان بھی اس کی تباہی کے ممدو معاون ہو جاتے ہیں مگر وہ کامیاب تب ہی ہوتے ہیں جبکہ اندرونی سامان اُس قوم کو گھن کی طرح کھا چکے ہوتے ہیں اور وہ کھوکھلی اور کمزور ہو چکی ہوتی ہے۔ اس کی حالت ایسی ہی ہوتی ہے کہ ایک شخص ایک ایسے درخت کے سہارے کھڑا ہو جس کو گھن کھا چکا ہو اور وہ گر جائے ۔ وہ درخت گرا تو اُس کے سہارا لینے سے ہے لیکن اِس میں کوئی شک نہیں کہ اس کے گرنے کا اصل باعث اس شخص کا سہارا لینا نہیں بلکہ وہ گھن ہے جو اسے اندر ہی اندر کھا چکا ہے۔ اگر اسے گھن نہ کھا چکا ہوتا تو سہارا چھوڑ اگر وہ شخص زور بھی لگاتا تو بھی نہ گرتامگر گھن کے کھا جانے کی وجہ سے محض سہارا لینے سے ہی گر گیا۔ اسی طرح لوگ چھتیں ڈالتے ہیں اور گرمی کے موسم میں ان کے اوپر جا بیٹھتے ہیں۔ کبھی تو ایسا ہوتا ہے کہ تمام چھت پر آدمی ہی آدمی بیٹھے ہوتے ہیں لیکن وہ ان کے بوجھ کو سہارے رہتی ہے لیکن کبھی ایسا ہوتا ہے کہ ایک ہی آدمی کے بوجھ سے اس میں سوراخ ہو جاتا ہے اس لئے کہ گھن کی وجہ سے بہت کمزور ہو چکی ہوتی ہے۔ اس سوراخ کے ہونے کا باعث تو اسی آدمی کا بوجھ ہوا جو چھت کے اوپر چڑھا تھا مگر وہ چھت پہلے سے ہی اِسی انتظار میں تھی کہ مجھ پر اس کا بوجھ پڑے اور میں گروں ۔ یہی حال قوموں کا ہوتا ہے۔
ہمیشہ وہی قومیں گرتی ہیں کہ جن کو اندر ہی اندر گھن کھا چکا ہوتا ہے اور باہر سے حملہ کرنے والا ان کے گرنے کا باعث بن جاتا ہے۔ دیکھنے والے کہتے ہیں کہ فلاں قوم پر فلاں نے حملہ کرکے اسے تباہ کر دیا مگر وہ نہیں جانتے کہ وہ قوم پہلے سے ہی تباہ ہونے کو تیار بیٹھی تھی اور اس بات کا ثبوت اس طرح بھی مل سکتا ہے کہ اس قوم کا کامیابی کے زمانہ سے مقابلہ کر کے دیکھنا چاہئے کہ آیا وہ جوش ،وہ اتحاد اور وہ سامان جو اُس وقت اُسے حاصل تھے وہی تباہی کے وقت بھی اس کے پاس موجود تھے یا نہیں؟ اگر ویسے ہی موجود ہوں اور پھر کوئی قوم اُس پر حملہ آور ہو کر اسے تباہ وبرباد کر دے توکہا جا سکے گاکہ دوسری قوم نے اپنی زیادہ طاقت اور کثرتِ سامان کے ذریعہ اس پر کامیابی حاصل کر لی ہے۔ لیکن اگر تباہ ہونے والی قوم میں وہ جوش ،وہ قوت اور وہ اتحاد نہ ہو جو اُس میں کامیابی کے زمانہ میں تھا اور اُس کے پاس وہ سامان موجود نہ ہوں جن کے ذریعہ اس نے فتح حاصل کی تھی اور پھر کوئی قوم اُسے مغلوب کر لے تو صریح طور پر معلوم ہو گا کہ بیرونی قوم کا حملہ تو اس کی تباہی اور بربادی کے لئے ایک بہانہ ہی تھا بلکہ اس نے اپنی کمزور اور ناتوان حالت سے خود یہ جرأت اور دلیری دلائی تھی کہ وہ اس پر حملہ آور ہو۔ اگر اسے یہ معلوم ہوتا کہ وہ مضبوط اور طاقتور ہے تو کبھی حملہ ہی نہ کرتی۔
لکھا ہے کہ حضرت علیؓ اورحضرت معاویہؓ کی جنگ کے وقت ایک عیسائی سلطنت نے حضرت علیؓ پر حملہ کرنا چاہا۔ اُس کو حملہ کرنے کا خیال پیدا ہونا اس بات پر دلالت کرتا ہے کہ اس نے مسلمانوں کو کمزور سمجھا ورنہ پہلے کی نسبت نہ اس کی طاقت بڑھ گئی تھی نہ اس کے پاس سامان زیادہ ہو گیا تھا اور نہ ہی مسلمانوں کی سلطنت چھوٹی رہ گئی تھی، لیکن جب اس نے دیکھا کہ مسلمانوں کو نااتفاقی کا گھن کھا رہا ہے تو اس نے حملہ کرنے کا ارادہ کر دیا۔ مگر دراصل وہ گھن اسی قسم کا تھا جو چھلکے کے اوپر ہی اوپر ہوتا ہے نہ کہ اندر۔ اس لئے جب اس نے حملہ کا ارادہ کیا اور اپنے مشیروں سے مشورہ لیا تو ایک نے کہا کہ آپ سمجھتے نہیں یہ مسلمانوں کی حقیقی کمزوری کی علامت نہیں۔ اگر آپ ان پر حملہ آور ہوںگے تو ضرور شکست کھائیں گے۔ چنانچہ جب امیرمعاویہ ؓ کو اس بات کا علم ہوا تو انہوں نے اسے کہلا بھیجا کہ ہم جو آپس میں لڑ رہے ہیں تو یہ شرعی مسائل کے متعلق لڑتے ہیں تم اس سے یہ نہ سمجھنا کہ ہم ایک دوسرے کے دشمن ہیں۔ اگر تم نے علیؓ پر حملہ کیا تو ان سے صلح کر کے سب سے پہلے جو تمہارے ساتھ لڑنے کے لئے نکلے گا وہ میں ہوں گا۔ ۲؎ اس کے بعد وہ عیسائی بادشاہ حملہ کرنے سے رُک گیا کیونکہ اس نے دیکھ لیا کہ مسلمانوں کو گھن نہیں لگاہوا۔ لیکن اس کی حملہ کرنے کی خیالی جرأت اس بات پر دلالت کرتی ہے کہ اس نے سمجھا کہ مسلمان کمزور ہو گئے ہیں اورآپس میں جنگ وجدال کر رہے ہیں۔ تو دشمن جب کمزور ی کی علامت دیکھتا ہے تو حملہ آور ہونے پر آ مادہ ہو جاتاہے۔پھر وہ حملہ کرنے سے رُکا تو اس لئے نہیں کہ اس کی وہ فوج جس کے بھروسے پر اس نے حملہ کرنے کا خیال کیا تھا وہ بھاگ گئی تھی یا مری کے پڑنے سے ہلاک ہو گئی تھی، یا سامانِ حرب تباہ ہو گیا تھا، بلکہ اس لئے کہ اس نے دیکھ لیا کہ مسلمانوں میں گھن نہیں ہے۔ توجو قوم بیرونی دشمنوں کے حملوں سے ہلاک ہوا کرتی ہے وہ وہی ہوتی ہے جس کے اندر کمزوری اورنا طاقتی کی علامات پائی جاتی ہیں۔ اُنہی کو دیکھ کر دشمن سمجھ لیتے ہیں کہ یہ قوم آج بھی مٹی اور کل بھی مٹی ۔ مگر اس خیال سے کہ اگر خود بخود مٹی تو اس کے کھنڈرات سے کوئی اَور قوم نکل آئے گی جو اُس کی جگہ قابض ہو جائے گی اس لئے کیوں نہ ہم ہی اس کو مٹا کر اس جگہ پر قبضہ کر لیں۔ جس طرح آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم سے کسی نے پوچھا کہ جنگل میں اگر لاوارث بکری مل جائے تو اُسے کیا کرنا چاہئے؟ آپؐنے فرمایا۔ تم اس پر قبضہ کر لو اگر تم قبضہ نہ کرو گے تو اسے بھیڑیا کھا جائے گا ۔ ۳؎ یہی حال قوموں کا ہوتا ہے۔ جب کوئی قوم مٹنے کے بالکل قریب ہو جاتی ہے تو کوئی دوسری قوم اٹھ کر اس کا نام و پتہ مٹا کر اپنا نام اس کی جگہ لکھ دیتی ہے کہ اگر میں نے ایسا نہ کیا تو کوئی اَور قوم ہوگی جو ایسا کر لے گی۔
تو سب سے زیادہ خطرناک حملہ جو کسی قوم پر ہوتا ہے وہ اس کے اپنے اندرونی عیوب اور کمزوریاں ہی ہوتی ہیں۔ مسلمانوں کی تباہی اور ہلاکت کی یہی وجہ ہوئی ہے۔ یہ نہیں کہ دشمن ان سے طاقتور تھے اِس لئے انہوں نے غلبہ پا لیا بلکہ اصل باعث یہی ہے کہ مسلمانوں کی قوم کو اندر ہی اندر گھن لگ گیا تھا اور وہ ایک کھوکھلے تنے کی طرح ہو گئی تھی ایسی حالت میں جو بہت چھوٹے اور ذلیل دشمن تھے وہ بھی آنکھیں دکھانے لگ گئے۔ مسلمانوں میں ایسی بدیاں اورکمزوریاں پیدا ہو گئیں کہ جن کے ذریعے دشمن نے محسوس کر لیا کہ یہ آج بھی گرے اور کل بھی اس لئے انہوں نے حملے کر کر کے ان سے ملک چھیننے شروع کر دیئے۔بظاہر تو مسلمانوں کے ممالک چھینے جانے کا باعث دشمنوں کے حملے تھے لیکن دراصل اس کا سبب وہ اندرونی گھن تھا جس نے انہیں کسی کام کا نہ رہنے دیا تھا۔ چنانچہ ان گھنوں میں سے ایک گھن ایفائے عہد کا معدوم اور مفقود ہو جانا تھا۔ اس سے غدر اور بغاوت کی طرف ان کی بڑی توجہ بڑھ گئی اور خیانت اور بد عہدی کی طرف ان کے دل مائل ہو گئے۔ اس کا نتیجہ یہ ہوا کہ ان کا اعتبار اُٹھ گیا اور ان میں کمزوری پیدا ہو گئی کیونکہ اس طرح کرنے سے ان کا آپس میں بھی ایک دوسرے پر اعتبار نہ رہا۔
جب کسی نے ایک سے دھوکا اور بد عہدی کی تو وہ دوسرے، تیسرے اور چوتھے سے بھی ضرور کر سکتا ہے اور جو ایک کے ساتھ دھوکاکرنے سے بچتا ہے وہ دوسرے، تیسرے اور چوتھے سے بھی بچتاہے خداتعالیٰ فرماتاہے ؎۴ کہ قاتل کے قتل کرنے میں تمہاری زندگی ہے حالانکہ مرنے والا تو مر گیا اب اگر اس کے قاتل کو قتل کر دیا جائے گا تو وہ زندہ تو نہیں ہو سکتا۔ پھر قصاص میں حیات کس طرح ہوئی؟ اس طرح کہ اگر آج تم ایک شخص کے قاتل کو پکڑ کر قتل نہ کرو گے تو کل وہ تم میں سے کسی دوسرے کو قتل کر دے گا اس لئے فرمایا کہ قصاص میں زندگی ہے یعنی اگر قاتل سے قصاص نہ لیاجائے گا تو وہ تم میں سے کسی اَور کی زندگی کا خاتمہ کر دے گا۔ اس سے خداتعالیٰ نے یہ سمجھایا ہے کہ جو شخص ایک کام ایک جگہ کرتا ہے وہ وہی کام دوسری جگہ بھی کرے گا۔ اگر کسی نے خالد کے ہاں چوری کی ہے تو وہ بکر کے ہاں بھی کر سکتا ہے اور اگر اس نے خالد سے غدر کیا ہے تو وہ بکر کے ساتھ بھی کر سکتا ہے۔ پھر اگر ایک سے وفاداری کر تا ہے تو دوسرے سے بھی کر سکتا ہے۔کیوں؟ اس لئے کہ اس قسم کے اخلاقی جرم متعدی ہوتے ہیں اور پھیل جاتے ہیں۔ متعدی سے ایک تو یہ مراد ہوتی ہے کہ کوئی بُرائی ایک انسان سے دوسرے انسان میں سرایت کر جائے لیکن یہاں متعدی سے میری مراد یہ ہے کہ جس انسان کے ایک حصہ میں اس قسم کی بیماری ہوتی ہے اُس کے دوسرے حصہ میں بھی پہنچ جاتی ہے۔ مثلاًکوئی کہے کہ اپنے ہم وطن لوگوں کے سِوا دوسروں سے نفرت کرنی چاہئے۔ اگر کوئی ایسا کرے گا تو اس کا نتیجہ یہ ہو گا کہ وہ آہستہ آہستہ اپنے ہم وطنوں سے بھی نفرت کرنے لگ جائے گا اور اس طرح وہ نفرت جو اُس کے دل کے تھوڑے سے حصہ میں دوسرے لوگوں کے متعلق تھی وہ زیادہ پھیل جائے گی اِس قسم کا انسان بہت خطر ناک ہوتاہے اس سے جہاں تک ہو سکے بچنا چاہئے اور یہ نہیں سمجھنا چاہئے کہ اس نے فلاں کو نقصان پہنچایا ہے مجھے تو نہیں پہنچایا ۔ کیونکہ اس کی مثال ایسی ہی ہے کہ ایک مکان کو توآگ لگ رہی ہو اور اس کے پاس کے مکان والا کہے کہ میرے مکان کو تو آگ نہیں لگی ہوئی کہ میں اس کے بجھانے کی کوشش کروں۔ ایسا کہنے والا انسان نادان اور سخت نادان ہو گا کیونکہ بہت جلد ی وہ آگ اُس کے مکان تک پہنچ کر اُسے بھی جلا کر خاکِ سیاہ کر دیگی۔ اسی طرح اگر کوئی شخص ایک سے غداری کرتا ہے تو دوسرے کو بھی سمجھ لینا چاہئے کہ اگر اسے موقع ملا تو مجھ سے بھی ضرور کرے گا۔
بنی اسرائیل کو دیکھو۔ پہلے اس نے حکومت وقت سے غدر کیا اور بادشاہوں کے مقابلہ پر کھڑی ہوئی۔ اِس کا نتیجہ یہ ہوا کہ خداکے مقابلہ پر بھی آمادہ ہو گئی۔
یہ مرض اس وقت مسلمانوں میں بھی بہت پایا جاتا ہے اور یہی انکی تباہی اور ہلاکت کا موجب ہو رہا ہے۔ وہ اپنے پاس سے مسائل گھڑ گھڑ کر گناہوں کو جائز کر لیتے ہیں۔ کبھی یہ کہتے ہیں کہ فلاں موقعہ پر جھوٹ بول لینا جائز ہو جاتاہے،فلاں موقع پر بغاوت کرنا گناہ نہیں ہوتا، فلاں موقع پر بد عہدی جائز ہو جاتی ہے اس کا نتیجہ یہ ہوا ہے کہ ان میں جھوٹ، فریب، دغا اور غدر کی کوئی حد نہیں رہی اوروہ اپنے خیال میں ایسی باتوں کو جائز سمجھتے ہیں حالانکہ بدی کسی طرح بھی جائز نہیں ہو سکتی ہے۔ جھوٹ بہر حال جھوٹ ہی ہے خواہ کسی وقت بولا جائے، اسی طرح غدر بہر حال غدر ہی ہے خواہ کسی موقع پر کیا جائے،خیانت ہر وقت خیانت ہی ہے خواہ کوئی کرے اس میں کچھ فرق نہیں آسکتا لیکن اب جا کر مسلمانوں سے پوچھو یہ کہیں گے کہ ہندوئوں اور عیسائیوں سے دغا فریب کرنا جائز ہے۔
حضرت خلیفۃ المسیح الاوّل فرماتے تھے کہ امرتسر میں اہلحدیث میں سے ایک شخص تھا اس کو میں نے ایک چونی دی کہ دو آنے کی فلاں چیز لے آئو اور دو آنے واپس لے آنا۔ جب وہ واپس آیا تو دو آنے کی وہ چیز بھی لے آیا اور چھ آنے بھی واپس لا دیئے۔ میں نے کہا۔ یہ کیا؟ چھ آنے کس طرح لے آئے؟ اس نے کہا میں نے ایک ہندو سے یہ چیز خرید ی ہے اور اسی سے یہ پیسے بھی لے آیا ہوں ۔ آپ لے لیجئے۔ حضرت مولوی صاحب نے کہا۔ اُس نے کس طرح تم کو چھ آنے دے دیئے؟ کہنے لگا میں اُس سے خود لایا ہوں وہ کہاں دیتا تھا۔ اس طرح کیا کہ جب میں نے اُس سے یہ چیز لے لی اور چونی دے دی تو اُس سے ایک ایسی چیز مانگی جو اُس نے اندر رکھی ہوئی تھی وہ چونی کو صندوقچی کے اوپر ہی رکھ کر اس کے لینے کے لئے اندر گیا۔ اس کے اندر جانے پر میں نے چونی اُٹھا لی۔ جب وہ چیز لے کر واپس آیا تو میں نے نا پسند کر دی اور نہ خریدی۔ اس نے سمجھا کہ میں نے جو چونی لی تھی وہ صندوقچی میں ڈال لی تھی اس لئے اس نے دونی نکال کر مجھے دے دی۔ اور میں لے کر چلا آیا۔ حضرت مولوی صاحب فرماتے ۔ میں نے اُس سے کہا یہ کیا؟ یہ تو فریب اور دھوکا ہے۔ کہنے لگا۔ دُکاندار کافر تھا اور کافروں سے ایسا کر لینا جائز ہے۔ تو اِسی قسم کے خیالات نے مسلمانوں کو دوسروں سے ناجائز افعال کرنے پر آمادہ کر دیا۔ لیکن اب جا کر دیکھ لو کیا ایسے مسلمان نہیں ہیں جو مسلمانوں سے ہی دغا اور فریب کرتے ہیں؟ پہلے انہوں نے یہ سمجھا کہ کافروں سے ایسا کر لینا جائز ہے جس کا نتیجہ یہ ہوا کہ آپس میں بھی ایک دوسرے سے ایسا ہی کرنے لگ گئے کیونکہ ان کی ابتداء ہی غلط اور بیہودہ تھی۔ اور جب کوئی ایک سے فریب کرے گا تو دوسرے سے بھی کرے گا اور پھر وہ یہ نہیں دیکھے گاکہ اس سے مجھے کوئی تعلق اور واسطہ ہے یانہیں بلکہ جہاں وہ عمدہ موقع پائے گا وہیں اپنی عادت کو کام میں لے آئے گا۔
میں جب کشمیر گیا تو وہاں ایک غالیچہ باف کو غالیچے بننے کیلئے کہا گیا اور قیمت پیشگی دے دی۔ غالیچہ کا طول و عرض سب اُس کو بتا دیا گیا۔ ہم آگے چلے گئے۔ جب واپس آکر اس سے غالیچے مانگے تو اس نے لپیٹے ہوئے ہمارے ہاتھ میں دیدیئے اور کہنے لگا کہ اِسی طرح بند کے بند ہی لے جائو کھولونہیں ۔لیکن اس کے باربار اس بات پر زور دینے سے ہمیں خیال ہوا کہ کوئی بات ہی ہے جب یہ کہتا ہے کہ بند کے بند ہی لے جائو اس لئے کھول کر دیکھنے چاہئیں۔ جب کھولے اور ناپے تو معلوم ہوا کہ ایک ایک بالشت طول میں اور ایک ایک چپہ عرض میں کم تھے۔ ہم نے اسے کہا یہ تم نے کیاکیا؟ وہ کہنے لگا۔ جی ہم مسلمان ہوتے ہیں۔ میں اسے کہوں کہ اسلام میں تو ایسا کرنا ناجائز ہے پھر تم نے مسلمان ہو کر کیوں ایسا کیا ؟اِس کا وہ یہی جواب دیتا رہا کہ میں مسلمان ہوں ۔ اس کہنے سے اس کا یہ مطلب تھا کہ اگر ہم مسلمان لوگ ایسا نہ کریں تو ہمارا گزارہ نہیں ہوتا۔ تو اب مسلمانوں میں ہر ایک سے دھوکا، فریب ،دغا کرنے کی عادت ہی ہو گئی۔ جب انہوں نے دوسروں سے غدر کرنا سیکھا تو اب اپنوں پر بھی اس کو استعمال کرنے لگ گئے۔ اس طرح ان کا نہ آپس میں اعتبار، بھروسہ اور اطمینان رہا اور نہ دوسروں کے نزدیک ۔اور ان اخلاقی جرموں کی پاداش میں ان کی حالت اِس قدر ذلت اور رُسوائی کوپہنچ گئی کہ اب کشمیر کی تجارت پہلے کی نسبت سینکڑوں گنا کم ہو گئی ہے۔ میں نے اس کی وجہ پوچھی تو یہ بتائی گئی کہ یہاں کے لوگ ناقص مال بنا کر بھیجتے تھے جس کا آہستہ آہستہ یہ انجام ہوا کہ لینے والوں نے مال کا لینا ترک کر دیا اورجب مال نہ بکا تو بنانے والوں نے بھی اس کام کوچھوڑکر اور کام اختیار کر لئے اور اس طرح تجارت کو زوال آگیا۔
تو غدر، بے وفائی، بد عہدی کا نتیجہ کبھی اچھا نہیں ہوتا۔ جب کوئی قوم ان بُرے کاموں میں مبتلا ہو جاتی ہے تو دوسرے ہر وقت اس کی طرف سے چوکس اور ہوشیار رہتے ہیں اور اس پر کبھی اعتبار اور بھروسہ نہیں کرتے اس لئے وہ قوم گر جاتی ہے اور دن بدن زیادہ ہی زیادہ گرتی جاتی ہے۔ مسلمانوں کی تجارتیں، حکومتیں، عزتیں سب انہی باتوں کی وجہ سے ضائع ہو گئیں اور وہ ذلت اور رُسوائی کی آخری حد کو پہنچ گئے لیکن ان کے خیال سے یہ بات ابھی تک نہیں گئی کہ کافروں سے غداری بدعہدی اور فریب وغیرہ جائز نہیں۔
اس زمانہ میں مسلمان بظاہر سارے کے سارے اپنے آپ کو گورنمنٹ کے بڑے وفادار اور ہمدرد ظاہر کرتے ہیں لیکن انہیں اندر سے دیکھو تو چُپکے چُپکے یہ پھیلارہے ہیں کہ مسلمانوں کو تو کی اطاعت کا حکم ہے نہ کہ دوسرے جو آکر حاکم بن جائیں ان کی اطاعت کا بھی۔ یہاں میرے پاس ایک معزز غیر احمدی آیا بڑی ثقہ صورت بنا کر کہنے لگامجھے آپ سے چند مسائل دریافت کرنے ہیں۔ میں نے کہا کیجئے۔ اس نے قرآن کریم سے چند ایک جہاد کے متعلق آیتیں پڑھیں اور کہنے لگاان میں تو جہاد کا حکم ہے اب کیا ہم مسلمانوں پر نفاق کا فتویٰ تو نہیں عائد ہو رہا؟ میں نے سمجھا کہ یہ میر ا عندیہ معلوم کرنا چاہتا ہے۔ میں نے اسے خوب کھول کھول کر بتایا۔ ایسے لوگ چونکہ ایمانی قوت نہیں رکھتے اس لئے بات اس رنگ میں کرتے ہیں اگر مشکل پیش آجائے تو پہلو بدل سکیں۔ اِسی طرح اُس نے کیا۔ اگر وہ یہ سوال کرتا کہ ان آیتوں میں جہاد کا حکم ہے پھر مسلمان جہاد کیوں نہیں کرتے انہیں جہاد کرنا چاہئے تو پہلو بچانے کا اسے کوئی راستہ نہ تھا لیکن اُس نے اس سوال کو اس طریق سے کیا یہ جو جہاد کے متعلق آیات ہیں ان کے کیا معنی ہیں اور اگر ان کے یہ معنی ہیں تو کیا ان کے خلاف کرنے والوں پر نفاق کا فتویٰ تو نہیں لگتا؟میں نے اسے ان آیتوں کے معنی سمجھائے۔ سن کر کہنے لگا ہاں آپ کے کئے ہوئے معنی مجھے بہت پسند آئے ہیں پہلے میں کچھ اور معنی سمجھے ہوئے تھا۔ تو عام مسلمانوں کا مذہب اور عقیدہ یہی ہے کہ اسلام نے مسلمانوں کو مسلمان حکمران کی اطاعت کا ہی حکم دیا ہے نہ کہ غیر مسلم سلطنت کا بھی۔ مگر ان سے پوچھو کہ مسلمانوں نے مسلمان حکمرانوں کی کہاں اطاعت اور فرمانبرداری کی ہے۔ تم پر چونکہ مسلمان حکمران نہیں اس لئے تم کہتے ہو کہ مسلمان حکمران کی اطاعت کرنی چاہئے نہ کہ کسی اور کی ،لیکن یہ تو بتلائو کہ ترک کمبخت کیا کر رہے ہیں۔ ان کے چھوٹے سے لے کر بڑے تک اور ادنیٰ سے لے کر اعلیٰ تک تمام افسر ایسے ہی ہیں کہ جنہوںنے قوم اورملک کو تباہ و برباد کر دیا ہے۔ وہ قوم قوم پکارتے ہیں لیکن جس قدر ان کے ہاتھوں قوم کی مٹی پلید ہو رہی ہے اُس قدر کسی اور نے بھی نہیں کی۔ بات یہ ہے کہ جب تک انسان پر کوئی بات آنہیں پڑتی اُس وقت تک جو اُس کا جی چاہے دعویٰ کر لے لیکن جب آپڑتی ہے تو سب دعووں کی حقیقت کُھل جاتی ہے۔ اِس وقت مسلمانوں کی عملی زندگی بتلا رہی ہے کہ ان کے اخلاق بگڑ چکے اور جھوٹ ، دغا، فریب اور بد عہدی کے جراثیم ان میں سرایت کر چکے ہیں ۔ وہ غلط کہتے ہیں کہ ہم دوسروں کی اطاعت نہیں کرتے اگر مسلمان حکمران ہوں تو ان کی کریں۔ یہ کسی کی بھی اطاعت نہیں کریں گے۔ اگر آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم ، حضرت ابوبکرؓ، حضرت عمرؓ، حضرت عثمانؓ، حضرت علیؓ کی بھی حکومت ہوتی اور یہی آجکل کے مسلمان ہوتے تو ان سے بھی بغاوت اور بدعہدی ہی کرتے ۔ خواہ کوئی حکمران ہوتا یہ کسی کی بھی اطاعت اور فرمانبرداری نہ کرتے۔ کیوں؟ اس لئے کہ ان میں امانت، دیانت، وفاداری اور اطاعت کا مادہ ہی نہیںرہا۔ اگر ان میں یہ مادہ ہوتا اور یہ سچے دل سے مسلمان بادشاہوں کے وفادار اور اطاعت شعار ہوتے تو ترکوں میں سے ایک سے ایک بڑھ کر غداری کرنے والے اور اپنے ملک اور قوم کو تباہ و برباد کرنے والے دکھائی نہ دیتے۔
بلغاریہ سے جب ترکوں کی لڑائی ہوئی تو ترکوں کے بڑے بڑے افسروں نے ترکوں کو بجائے گولہ بارود پہنچانے کے لکڑی کے بنے ہوئے کارتوس پہنچائے۔ دشمن حملہ آور ہو رہا ہے، سپاہ لڑ رہی ہے اور کئی دنوں سے لڑ رہی ہے لیکن ذمہ دار افسر ان کے لئے کھانا نہیں بھیجتے۔ سپاہیوں کی بھوک سے یہ حالت ہو رہی ہے کہ بندوقیں ہاتھوں سے گر گر جاتی ہیں بھوک کے مارے ان سے سیدھا کھڑا نہیں ہوا جاتا لیکن اس بات کی کوئی پرواہ نہیں کی جاتی اور نہایت بیدردی سے دشمن کے ہاتھوں سے بھوکی اور پیاسی سپاہ کو ہلاک اور تباہ کروا دیا جاتاہے۔ کیوں؟ اس لئے کہ ان میں غداری اور بے وفائی دخل پا چکی تھی،خیانت اور بد دیانتی انکی عادت ہو چکی تھی۔ اب اِن مسلمانوں کو دیکھو جو عیسائی سلطنتوں کے ماتحت ہیں۔ ان کے وہ اخلاق مٹ چکے ہیں جو ایک مومن کی شان کے شایاں ہیں۔ ان میں طرح طرح کی خرابیاں اور کمزوریاں پیدا ہو چکی ہیں۔ پس اگر وہ یہ کہتے ہیں کہ ہم پر چونکہ ایک غیر قوم حکمران ہے اس لئے ہم اس کی اطاعت نہیں کرتے تو یہ ان کا محض بہانہ ہے اگر ان کو کسی ایسے مسلمان بادشاہ کے ماتحت بھی کردیا جائے جو بڑا ہی نیک اور عادل ہو تو بھی وہ اس کی اطاعت اورفرمانبرداری کو بالائے طاق رکھنے کے لئے کوئی نہ کوئی عذر گھڑ ہی لیں گے۔
ان کے لئے کفر کا فتویٰ لگانا کوئی مشکل بات نہیں بلکہ بہت معمولی ہے۔ بادشاہ سے غداری کرنے کے لئے کئی بہانے بنا سکتے تھے۔ اگر اس نے آمین اونچی کہی یا ناف کے نیچے ہاتھ باندھے تو بڑی آسانی سے اس پر یہ فتویٰ لگ جائے گاکہ یہ میں رہا ہی نہیں۔ ہندوستان میں ایک مولوی صاحب ہیں وہ اس طرح فتویٰ دیا کرتے ہیں کہ فلاں نے فلاں بات ایسی کی ہے جو حدیث کے خلاف ہے اورجب حدیث کے خلاف ہے تو قرآن کے خلاف ہوئی اور جب قرآن کے خلاف ہوئی تو خداتعالیٰ کے خلاف ہوئی اس لئے یہ شخص کافر ہوا اور جب کافرہوا تو اس کی بیوی بیوی نہ رہی مومن اور کافر کا نکاح نہیں رہ سکتا اس لئے نکاح فسخ ہو گیا۔ اور جب نکاح فسخ ہوگیا تو جو اُس کی اولاد ہوئی وہ ولد ا لزنا ہوئی ۔ ایسے مولویوں کے ہوتے ہوئے کوئی بھی بادشاہ ہو اُس پر کفر کا فتویٰ لگانا کونسا مشکل ہے اور جب اُس پر کفر کا فتویٰ لگ گیا تو وہ میں سے ہی نہ رہا اور جب میں سے نہ رہا تو اُس کی اطاعت بھی جائز نہ رہی۔
دراصل یہ ایک گندہے اور غداری کا اصل باعث یہ ہے کہ مسلمانوں میں ایمان نہیں رہا۔ ایسے ہی یہ لوگ فتویٰ دیتے ہیں کہ عیسائی ہم میں سے نہیں ہیں اس لئے ان کی اطاعت جائز نہیں ہے۔ کیا وہ نہیں دیکھتے کہ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے کفار سے معاہدے کئے اور بڑی بڑی تکلیفیں برداشت کرنے کے باوجود ان کو پورا کیا۔ اگر کفار سے عہد کر کے پورا کرنا جائز نہیں اگر کفار سے بدعہدی اور عہد شکنی کرنا روا ہے تو پھر رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے کیوں ایفائے عہد کئے؟ اور کیوں نہ آپ نے ان عہدوں کو کالعدم قرار دے دیا۔لیکن یہ غلط ہے اور بالکل غلط ہے کہ کفار سے بد عہدی کرنا جائز ہے۔ اسے جائز قرار دینے والوں کی طرف سے سب سے بڑی دلیل جو پیش کی جاتی ہے وہ یہ ہے کہ اس آیت میں جو میں نے پڑھی ہے لفظ آیا ہے پھر کے سوا اور کسی کی اطاعت کسی طرح جائز ہو سکتی ہے۔ ہم کہتے ہیں صرف یہی آیت اس بات کے لئے بطور دلیل کے پیش نہیں کی جاتی کہ مسلمانوں کو کسی غیر قوم کی فرمانبراری کرنی چاہئے بلکہ اوربھی دلائل ہیں۔ چنانچہ قرآن کریم میں اللہ تعالیٰ فرماتا ہے۔ ۵؎ کہ اللہ کی راہ میں تمہارا جھگڑا ان ہی لوگوں سے ہونا چاہئے جو تم سے لڑتے ہوں اور وہ جو تمہارے امن کاباعث ہوں تمہیں کسی قسم کی تکلیف نہ پہنچائیں بلکہ سُکھ کا موجب ہوں،تمہارے مال و اموال کی حفاظت کریں ان سے کسی طرح جنگ نہیں کرنا چاہئے ۔تو قتال کا حکم انہیں سے ہے جو ہم سے لڑیں اور جو لڑائی نہیں کرتے بلکہ آرام و آسائش کا باعث بنتے ہیں اور ہماری حفاظت کرتے ہیں۔ ان سے قتال جائز نہیں۔
دیکھو طاعون پڑتی ہے تو یہ گورنمنٹ اس کے دور کرنے کی کتنی کوشش کرتی ہے یہ اور بات کہ طاعون چونکہ خداتعالیٰ کی طرف سے ایک عذاب ہے اس لئے اس کے دور کرنے میں کامیاب نہیں ہو سکی لیکن اِس میں شک نہیں کہ گورنمنٹ نے اس کے انسداد کی کم کوشش نہیں کی۔ کتنے ہی ڈاکٹر صرف اس کام کے لئے مقرر کئے جاتے ہیں۔ اسی طرح علوم اور فنون کے پھیلانے میں گورنمنٹ نے خاص کوشش کی ہے۔ بعض نادان کہتے ہیں کہ ایسا کرنا گورنمنٹ کا فرض تھا۔ ہم کہتے ہیں کہ مسلمانوں کی سلطنت کے آخری زمانہ میں کیا مسلمان بادشاہوں کو ایسے فرائض معاف ہو گئے تھے ؟وہ رعایا سے ٹیکس وصول کرتے تھے لیکن رعایا کے لئے کیا کرتے تھے؟ اس میں شک نہیں کہ ابتدائی بادشاہ رعایا کے آرام و آسائش کا بہت خیال رکھتے تھے لیکن بعد میں آنے والوں کی حالت کو دیکھو اور اِس زمانہ سے اُن کا مقابلہ کرو۔ اِس وقت ہزاروں قسم کے علوم سکھائے جاتے ہیں۔ پھر علم اس قدر مٹ چکا تھا کہ گورنمنٹ چاہتی تو ایک مدرسہ بھی نہ کھولتی اور آج لوگ اُسی طرح جاہل اور بے علم ہوتے جس طرح ہو چکے تھے۔ مسجدوں میں کنز اور قدوری بیٹھے پڑھتے ہوتے کسی کو یہ بھی معلوم نہ ہوتا کہ امریکہ بھی کچھ ہے اور یہ کوئی جانتا ہی نہ کہ کوہِ قاف کس کو کہتے ہیں۔ اس کی کسی کو خبر ہی نہ ہوتی کہ زمین گول ہے یا چپٹی لیکن گورنمنٹ نے لاکھوں روپے خرچ کر کے جاہلوں کو عالم بنایا۔ تعلیمی مصارف کا اندازہ لگانے کے لئے ہی دیکھ لو کہ ایک دفعہ تاجپوشی کے موقع پر پچاس لاکھ روپیہ اِس غرض کے لئے دیا گیا۔
یہ درست ہے کہ ایسا کرنا گورنمنٹ کا فرض ہے لیکن اپنے فرائض کو سمجھنا اور پھر ادا کرنا بھی ہر ایک کا کام نہیں ہے اور جو اپنے فرض پوری طرح ادا کرتاہے وہ کوئی کم شکریہ کا مستحق نہیں ہوتا۔ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم فرماتے ہیںکہ اگر ایک داروغہ مال کو دیانتداری کے ساتھ تقسیم کرتا ہے تو وہ بھی اُتنے ہی ثواب کا مستحق ہوتا ہے جتنے کا مال دینے والا ۔ دیکھو !کتنے ایسے انسان ہیں جو اپنے کام کے عوض معقول تنخواہیں لیتے ہیں مگر جب تک کچھ لے نہ لیں اپنے فرض کو ادا نہیں کرتے۔
بے شک گورنمنٹ کا فرضِ منصبی ہے کہ رعایا کے آرام کا خیال رکھے اسے علم سے بہرہ ور کرے لیکن اگر اس میں (خدانخواستہ) اصلاح اور نیکی نہ ہوتی تو وہ کر سکتی تھی کہ مسلمانوں کو جاہل اور بے علم ہی رہنے دیتی۔ اِسی ہندوستان میں پُرتگیزوں کا علاقہ ہے وہاں کے لوگوں کو انہوں نے تلوار کے ذریعہ عیسائی کر لیا۔ وہاں اب تک کئی مسجدیں موجود ہیں لیکن کوئی انہیں کھول نہیں سکتا۔ اب بعض بعض جگہ کھلوائی گئی ہیں اور وہ بھی گورنمنٹ انگریزی کے طفیل ۔کیا یہ گورنمنٹ اِس طرح نہیں کر سکتی تھی؟ اس کا نتیجہ خواہ کچھ ہی ہوتا لیکن کیا دنیا میں ایسا نہیں ہوتا؟ جن کی طبیعتوں میں شراور فساد ہوتا ہے وہ ایسا ہی کیا کرتے ہیں او رنیکی اور حسن سلوک وہی کرتے ہیںجو نیکی کو پسند کرتے اور فطرت نیک رکھتے ہیں۔ ایسے بہت کم لوگ ہوتے ہیں جو اِس خیال سے نیکی کرتے ہیں کہ اس کا نتیجہ اچھا ہو گا۔ یا بُرائی سے اس لئے بچتے ہیں کہ اس کانتیجہ بُرا ہوگا بلکہ جیسی ان کی طبیعت ہوتی ہے ویسا ہی کام کرتے ہیں۔ گورنمنٹ جو احسان اورنیکی کرتی ہے تو اس لئے کہ اس کی طبیعت کا رُجحان ہی نیکی کی طر ف ہے اگر اس کا میلان بُرائی کی طرف ہوتا تو یہ بھی اسی طرح کرتی جس طرح اور باوجود اس بات کے جاننے کے کہ بُرائی کا نتیجہ بُرا ہوا کرتا ہے کرتے ہیں۔ گورنمنٹ کے پاس اس طرح کرنے کے لئے سب کچھ تھامگر اس نے نہیں کیا۔ اس سے معلوم ہوتاہے کہ وہ بھلائی اور نیکی کرنے کی طرف فطرتاً مائل ہے۔ اگر گورنمنٹ تجربۃً ہی ایسا کرتی کہ کسی گائوں یا شہر کی طر ف توپ کا منہ کر کے کہتی کہ تم سب کے سب عیسائی ہو جائو ورنہ توپ سے اُڑا دیئے جائو گے تو تمام کے تمام یہی کہتے کہ ہم تو پہلے ہی عیسائی ہونے کے لئے تیار بیٹھے تھے سو ہم عیسائی ہو جاتے ہیں۔ مسلمانوں کے پاس ہے ہی کیا؟ لیکن خداتعالیٰ نے اس گورنمنٹ کو ایسی صلاحیت بخشی ہے کہ اس کی شان ایسی باتوں سے بہت بلند ہے۔ ہم جو اِس کی اطاعت اور فرمانبرداری کی طرف لوگوں کو بلاتے ہیں تو دلیل میں یہی آیت پیش نہیں کرتے بلکہ کہتے ہیں کہ قرآن کریم سے معلوم ہوتا ہے کہ خواہ کوئی قوم اور کسی مذہب کے لوگ حکمران ہوں اِن سے غداری کرنا جائز نہیں۔ آجکل سورۃ توبہ جو میرے درس میں ہے اس میں اللہ تعالیٰ مومنوں کو فرماتا ہے کہ جن لوگوں سے تم نے عہد کیا ہے اس عہد کو پورا کرو۔ فرمایا۔ ؎۶ مشرکین میں سے وہ لوگ کہ جن کے ساتھ تم نے عہد باندھا پھر انہوں نے اس عہد کو نہ توڑا اور نہ تمہارے خلاف کسی کی مددکی پس تمہارا فرض ہے کہ تم ان کے عہد کو پوار کروان کی مدت تک ۔ اور یاد رکھو کہ اللہ تعالیٰ متقیوں سے محبت رکھتا ہے۔
اِس آیت میں اللہ تعالیٰ نے عہد کے پوراکرنے والوں کو متقی قرار دیاہے اور فرمایا ہے کہ ایسا کرنے والوں سے اللہ محبت کرتا ہے۔ یعنی اگر کوئی ایسا نہ کرے تو خدا اس سے محبت نہیں کرے گا ۔اور خداتعالیٰ جو مسلمانوں سے محبت کرتا اور ہر موقع پر ان کی تائید اور نصرت کرتا ہے تو اسی لئے کہ وہ غداری سے بچتے ہیں۔ اگر وہ اس سے نہ بچیں اور نقض عہد کریں تو خدا کا ان سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام نے فرمایا ۔
غیروں سے اب لڑائی کے معنی ہی کیا ہوئے
تم خود ہی غیر بن کے محلِّ سزا ہوئے
جب تم نے اپنے دل سے ہی خدا کو نکال دیا تو اس نے بھی تمہیں چھوڑ دیا۔ تو والی آیت کے علاوہ اور جگہ بھی قرآن کریم میں باربار تاکید کی گئی ہے کہ ہر قسم کی غداری سے بچو۔ حتیٰ کہ خدا تعالیٰ نے مومنین کی نشانی یہی بتائی ہے کہ ۷؎ کہ وہ اپنی امانتوں اور عہدوں کو پورا کرنے والے ہوتے ہیں۔ تومومن بننے کے لئے یہ شرط ہے کہ اپنے عہدوں کو پورا کرے۔ کوئی کہے کہ مومن کے لئے کافر کا عہد پورا کرنا ضروری نہیں۔ میں کہتا ہوں تم مومن ہی تب ہو گے جبکہ ہر ایک عہد کو پورا کرو گے۔ پھر اس کے کیا معنی ہوئے کہ مومن کے لئے کافر کا عہد پورا کرنا ضروری ہی نہیں بلکہ اُس وقت تک کوئی مومن ہی نہیں کہلا سکتا جب تک کہ عہد کو پورا نہ کرے۔ خداتعالیٰ فرماتاہے۔ یہود کہتے ہیں ۸؎ کہ یہ مسلمان اُمی ہیں ان کا ہم پر کوئی حق نہیں ہے خواہ ہم ان کے مال چھین لیں، ان سے بد عہدی کریں، ان سے خیانت کریں، ان کا سب کچھ ہمارے لئے جائز اور روا ہے لیکن آج مسلمان بھی جن کی نسبت رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا تھا کہ یہودی ہو جائیںگے۔ ۹؎ یہودیوں کی طرح کہتے ہیں کہ ہم پر بھی کسی کا حق نہیں ہے کہ اس سے عہد کو پورا کریں۔
جو کوئی اس گورنمنٹ کے ملک میں رہتا ہے وہ گویا اس بات کا عہد کرتا ہے کہ میں اس کی اطاعت اور فرمانبرداری کروں گا۔ پس جب تک وہ اس کے ماتحت ہے اس کا فرض ہے کہ اس کی اطاعت اور فرمانبرداری کرے اور اپنے اس عہد کو پورا کرے۔ اگر وہ دیکھتا ہے کہ مجھ پر ظلم ہوتا ہے، مجھ سے انصاف نہیں کیا جاتا تو اسے چاہئے کہ اس حکومت سے نکل جائے ۔ ہم ایسے شریر اور مفسد لوگوں کو جو گورنمنٹ کے متعلق طرح طرح کی غلط فہمیاں پھیلاتے رہتے ہیں کہتے ہیں کہ اگر تمہارے نزدیک گورنمنٹ ظالم ہے تو اس کے ملک کو چھوڑ دو اور پھر جو تمہار اجی چاہے کرولیکن چونکہ ایسے لوگ فریبی ور دغاباز ہیں اس لئے وہ ایسا نہیں کر سکتے اور یو نہی جھوٹ پھیلاتے رہتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ خداتعالیٰ کی نصرت اور تائید ان کے ساتھ نہیں ہے اور یہ دن بدن ذلیل اور رُسوا ہو رہے ہیں۔
غرض اس آیت کو اگر نہ بھی لیا جائے تو بھی کفار سے امانتوں اور عہدوں کی پابندی کرنے کا حکم موجود ہے۔ پھر آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کا حکم موجود ہے آپ فرماتے ہیں کہ کافر سے بھی بد عہد ی کرنے کا حکم نہیں ہے۔
صلح حدیبیہ میں کفار سے ایک یہ بھی شرط ہوئی تھی کہ اگر تمہارا آدمی ہم میں آملے تو ہم اسے تمھیں واپس لَوٹا دیں گے اور اگر ہماراآدمی تم میں جا ملے تو تم اسے اپنے پاس رکھ سکو گے۔ عہد میں یہ شرط لکھی جا چکی تھی اور ابھی دستخط نہیں ہوئے تھے کہ ایک شخص ابو جندل نام جسے لوہے کی زنجیروں سے جکڑ کر رکھا جاتا اور جو بہت کچھ دکھ اُٹھا چکا تھا رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس آیا اور آکر اپنی حالت زار بیان کی اور عرض کیا۔ یَا رَسُوْلَ اللّٰہِ !آپ مجھے اپنے ساتھ لے چلیں۔ یہ لوگ میرے مسلمان ہونے کی وجہ سے مجھے سخت تکلیف دیتے ہیں۔ صحابہؓ نے بھی کہا۔ یَا رَسُوْلَ اللّٰہِ!اسے ساتھ لے چلنا چاہئے ۔یہ کفار کے ہاتھوں بہت دکھ اُٹھا چکا ہے لیکن اس کے باپ نے آکر کہا کہ اگر آپ اسے اپنے ساتھ لے جائیں گے تو یہ غداری ہوگی۔ صحابہؓ نے کہا کہ ابھی عہد نامہ پر دستخط نہیں ہوئے ۔اس نے کہا لکھا تو جا چکا ہے دستخط نہیں ہوئے تو کیا ہوا۔ اس پر رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا اسے واپس کر دو ہم عہد نامہ کی رو سے اسے اپنے پاس نہیں رکھ سکتے۔ صحابہؓ اس بات پر بہت تلملائے لیکن آپ نے اسے واپس ہی کر دیا اور وہ اُسے لے گئے لیکن جب آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم مدینہ آئے تو پھر وہ چھٹ کر آپ کے پاس چلا آیا۔ اس کے پیچھے ہی دو آدمی اس کے لینے کے لئے آگئے۔ انہوں نے آکر رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کو کہا کہ آپ نے عہد کیا ہوا ہے کہ ہمارے آدمی کو آ پ واپس کر دیں گے۔ آپ نے کہا کہ ہاں عہد ہے اسے لے جائو۔ اس نے کہا۔ یَا رَسُوْلَ اللّٰہِ ! یہ لوگ مجھے بہت دکھ دیتے اور تنگ کرتے ہیں آپ مجھے ان کے ساتھ نہ بھیجئے ۔ آپؐنے فرمایا۔ خداتعالیٰ نے حکم دیا ہے کہ میں غداری نہ کروں اس لئے تم ان کے ساتھ چلے جائو۔ وہ چلاگیا اور راستے میں جا کر ایک کو قتل کر کے پھر بھاگ آیا اور آکر کہا کہ یَارَسُوْلَ اللّٰہِ ! آپ کا ان سے جو عہد تھا وہ تو آپ نے پورا کردیالیکن میرا تو ان سے عہد نہ تھا کہ میں ان کے ساتھ جائوں گا اس لئے میں پھر آگیا ہوں۔ دوسرا شخص پھر اس کے لینے کے لئے آگیا۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایاہم تمہیں اپنے پاس نہیں رکھ سکتے۔ آپ نے پھر اسے بھیج دیا لیکن وہ اکیلا آدمی اسے نہ لے جا سکا اس لئے وہ رہ گیا مگر رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے باربار یہی کہا کہ میں جو عہد کر چکا ہوں اس کے خلاف نہیں کروں گا۔۱۰؎ تو آپؐ نے باوجود کافروں سے عہد کرنے کے اور ایک مسلمان کے سخت مصیبت میں مبتلا ہونے کے اسے پورا کیا۔
انگریز اگر کافر ہیں تو وہ مشرک تھے جن کی بیٹیاں لینی بھی جائز نہیں لیکن عیسائیوں کے متعلق توخداتعالیٰ نے فرمایا ہے کہ ۱۱؎ یہ مودّت میں تمہارے بہت قریب ہیں۔ پس جب مشرکین سے جو نہ قیامت کے قائل ہیں نہ کوئی کتاب رکھتے ہیں اور نہ کسی نبی کو مانتے ہیں ان سے کئے ہوئے عہد کو توڑنا جائز نہیں تو ان سے کئے ہوئے عہد کو توڑنا کیونکر جائز او رروا ہو سکتا ہے جو اہل کتاب ہیں۔ اگر کوئی کہے کہ میں نے تو اس سے کوئی عہد نہیں کیا میں کہتا ہوں گورنمنٹ اسے اپنی رعایا سمجھ کر بہت سے فوائد پہنچاتی ہے۔ اگر وہ اس کی رعایا نہ ہو تو کبھی اس سے ایسا سلوک نہ کرے اور پھر وہ اپنے آپ کو رعایا ظاہر بھی کرتا ہے اس طرح گویا وہ اس بات کا عہد کرتا ہے کہ میں گورنمنٹ کی اطاعت اور فرمانبرداری کروں گا۔ ہاں اگر کوئی یہ اعلان کر دے کہ میں گورنمنٹ کی رعایا نہیں تو پھر اور بات ہے لیکن جو اپنے آپ کو رعایا ظاہر کرتے ہوئے اس عہد کو توڑتا ہے وہ غداری کرتا ہے ۔ پھر رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے وقت مسلمان ایک عیسائی حکومت۱۲؎ کے ماتحت جا کر رہے ہیں۔ اگر کافر کے ماتحت رہنا جائز نہ ہوتا اور اس کی اطاعت فرض نہ ہوتی تو مسلمان وہاں کیوں رہتے۔ پس اس سے ثابت ہوتا ہے کہ غیر مذہب حکومت کی اطاعت کرنا جائز ہی نہیں بلکہ ضروری ہے۔
اب میں اس آیت کو لیتا ہوںاس سے بھی ان مفسد لوگوں کی بات نہیں بنتی خداتعالیٰ فرماتا ہے۔ اگر کے وہی معنی لئے جائیں جو یہ لوگ کرتے ہیں تو قرآن کریم کی دوسری آیات کے معنی کرنے میں بڑی مشکل پیش آئے گی۔سورۃ زمر میں خداتعالیٰ فرماتا ہے کہ جب قیامت کے دن کفار دوزخ میں ڈالے جائیں گے تو دوزخ کا داروغہ انہیں کہے گا کہ ۱۳؎ اگر کے یہی معنی ہیں کہ مسلمانوں میں سے ہی ہونا چاہئے نہ کہ کوئی اور تو یہاں یہ معنی کرنے پڑیں گے کہ کفار کو کہا جائے گا کہ کیا تمہارے پاس تم میں سے ہی یعنی کافر رسول نہیں بھیجے گئے تھے؟ اور اس طرح یہ ماننا پڑے گا کہ نعوذباللہ حضرت موسٰی ؑ، حضرت عیسیٰؑ وغیرہ انبیاء کافر تھے لیکن کیا کوئی عقلمند یہ معنی کر سکتا ہے؟ ہر گز نہیں۔ اس سے پتہ لگتا ہے کہ جو کسی کی طرف بھیجا جائے اُسے بھی کہتے ہیں اور یہ ضروری نہیں کہ صرف ہم مذہب ہی کو کہیں۔ کیونکہ اگر یہ معنی کئے جائیںتو یہ بھی ماننا ہو گا کہ نبی ہم مذہب تھے کیونکہ کافروں کو مخاطب کر کے نبیوں کی نسبت کہا ہے کہ وہ تھے۔ لیکن یہ معنی کوئی نہیں کرتا۔ پھر ادھر قرآن کریم غداری اور بیوفائی سے بڑے زور کے ساتھ روکتا ہے اِس سے ثابت ہوا کہ سے مراد یہ نہیں کہ مسلمان ہی ہو۔
اب اگر کوئی کہے کہ یہاں سے مرادہم قوم ہے اور چونکہ وہ نبی جن کی طرف آتے رہے ان کے ہم قوم تھے اس لئے ان کی نسبت کا لفظ استعمال کیا گیا تو اس کا جواب یہ ہے کہ بہر حال یہ تو تسلیم کرناپڑا کہ کے معنی ہم مذہب ہی نہیںہوتے بلکہ اور معنی بھی ہوتے ہیں اور پھر اس آیت میں تو ہم قوم کے معنی بھی چسپاں نہیں ہو سکتے کیونکہ ان معنوں کی تردید تو خود مسلمان کر رہے ہیںکیونکہ شریف مکہ کے آزاد ہونے پر کہتے ہیں کہ اس نے بغاوت اور سر کشی کی ہے۔ اگر سے مراد ہم قوم لئے جائیںتو شریف پر کسی طرح بھی کوئی الزام نہیں کیونکہ قریشی النسب ہیں اس لئے ان کے لئے یہ جائز ہی نہیں تھا کہ ترکوں کے ماتحت جو ایک غیر قوم ہے رہتے انہوں نے جو کچھ کیا ہے بالکل جائز او ر درست کیاہے۔ پھر ان معنوں کے لحاظ سے یہ بھی ماننا پڑے گا کہ مدینہ والوں کو آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی اطاعت کرنی جائز نہ تھی کیونکہ آپ ؐ ان کے ہم قوم نہ تھے مگر یہ کوئی تسلیم نہیں کرتا اس لئے یہ بات بھی رد ہو گئی کہ ہم قوم ہی ہو تو اس کی اطاعت کرنا چاہئے۔ اگر ایسا ہو تو چاہئے کہ مغل مغل کی اطاعت کریں۔ راجپوت راجپوت کی۔ اسی طرح تمام قومیں اپنی اپنی قوم کے حاکم کی اور اگر اپنی قوم کا حاکم نہ ہوتو پھر وہ بغاوت کر دیں ۔پھر ہر قوم میں کئی ذاتیں ہوتی ہیں۔ ہر ایک ذات والا کہے کہ میں تو اپنی ہی ذات کے حاکم کی اطاعت کروں گا دوسرے کی کرنا میرا فرض نہیں اور نہ ہی جائز ہے اس طرح تو کوئی حکومت دنیا میں رہ ہی نہیں سکتی اور نہ کوئی حکمران حکومت کر سکتا ہے اس لئے کے معنی ہم قوم بھی نہ ہو سکے۔
اب یہ سوال ہوتا ہے کہ پھر کے معنی کیا ہیں؟ تو اس کا جواب یہ ہے کہ کے معنی اس جگہ تم پر کے ہیں اور اس آیت کا مطلب یہ ہے کہ ان حکام کی اطاعت کرو جو تم پر حاکم ہیں۔ اور جس طرح والی آیت میں کا ترجمہ نہ تو ہم مذہب کیا جا سکتا ہے اور نہ ہم قوم کیونکہ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم ساری دنیا کی طرف مبعوث ہوئے تھے اور آپ ساری دنیا کے ہم قوم نہیں کہلا سکتے۔ اِسی طرح اِس آیت میں بھی یہ ترجمہ جائز نہیں بلکہ اِس جگہ اَور ترجمہ کرنا پڑے گا جو قرآن کریم کے دوسرے احکام اور رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے مطابق ہو اور وہ یہی ترجمہ ہے کہ ان حکام کی اطاعت کرو جو تم پر حاکم ہیں اور لغت ان معنوں کی تائید کرتی ہے۔ اور کے معنی عربی زبان میں کبھی اور کبھی کے بھی آتے ہیں۔ پس کے یہ معنی ہوئے کہ تم میں یا تم پر جس کو ہم نے بنا کر بھیجا اس کی اطاعت کرو۔ اور اس لفظ کے بڑھانے میں یہ حکمت تھی کہ اگر صرف ہی ہوتا تو یہ مشکل پڑتی کہ کونسے کی اطاعت کی جائے۔ کیا اگر کسی دوسرے ملک کا بادشاہ کوئی حکم دے تو اسے بھی ماننا چاہئے؟ اس مشکل کو دور کرنے کے لئے خداتعالیٰ نے فرما دیا کہ جو تم پر حاکم ہو اس کی اطاعت کرنی تمہارا فرض ہے۔ یہ ایک ایسی پُر امن تعلیم ہے کہ اس پر عمل کرنے سے تمام فتنے مٹ سکتے ہیں۔ فتنہ اور فساد کا باعث یہی ہوتا ہے کہ اپنے حاکم کی نافرمانی کی جاتی ہے یا غیر حاکم کی فرمانبرداری کی جاتی ہے اس لئے فرمایا کہ اے مومنو!تم پر اللہ اوراس کے رسول کی اور اس کی جو تم پر حاکم ہو یا جو تم میں ہو اطاعت فرض ہے۔ اس میں یہ بات بھی بتا دی کہ دنیا کے ہر ایک کی اطاعت فرض نہیں بلکہ اس کی جس کے ماتحت تم ہو اور جو تم پر حکومت کرتا ہو۔ ہاں اگر کسی اور کے علاقہ میں چلے جائو تو پھر اس کی اطاعت کرنا تمہارا فرض ہوگا۔ یہ ایسی امن کی تعلیم ہے کہ اگر مسلمان اِس پر عمل کرتے توبڑی عزت اور رتبہ کے مالک ہوتے لیکن انہوں نے اس کے معنی بدل کر اپنے لئے ذلت اور رُسوائی خرید لی۔
بعض لوگ کہتے ہیں کہاگر تمہارا کسی بات میں تنازعہ ہو جائے تو اسے اللہ اور رسول کی طرف پھیرو اگر تم اللہ اور یومِ آخرت پر ایمان لاتے ہو۔ اس سے نتیجہ نکلتا ہے کہ مسلمان ہی ہوتا ہے۔ کیونکہ حکم ہے کہ اگر تمہارا آپس میں جھگڑا ہو جائے تو اللہ اور اس کے رسول کی طرف لوٹا دو۔اس سے پتہ لگا کہ یہاں سے مراد مسلمان حاکم ہیں کیونکہ اگر مسلمان حاکم ہوگا تب ہی تو وہ اللہ اور اس کے رسول کے فیصلہ کو قبول کرے گا۔ لیکن یہ اعتراض درست نہیں کیونکہ ہم ہی نہیں بلکہ پچھلے مفسرین بھی اس کے متعلق یہ کہتے ہیں کہ اس کا یہ مطلب نہیں کہ اگر تمہارا حاکموں سے جھگڑا ہو جائے تب ایسا کرو بلکہ یہ آپس کے جھگڑوں کے متعلق ہے کہ اگر تمہارا آپس میں جھگڑا ہوجائے تو اس کا فیصلہ اللہ اور اس کے رسول کے حکم کے ماتحت کرلو۔ یہ ایک الگ بات ہے۔ پہلے خداتعالیٰ نے حکام سے تعلق رکھنے اور ان کی اطاعت کرنے کے متعلق فرمایا اورپھر آپس کے تعلقات کے متعلق حکم دیا ہے۔ وہ لوگ جن کی اتباع کا مسلمان دعویٰ کرتے ہیں وہ بھی اس کے یہی معنی کرتے آئے ہیں۔ چنانچہ نواب صدیق حسن خاں صاحب والی بھوپال نے بھی اپنی تفسیر میں لکھا ہے کہ اِس آیت کے یہ معنی کرنے کہ اے رعایا! اگر تیرا حکام سے جھگڑا ہوجائے توپھر اس اس طرح کرو درست نہیں اور اکثر اَئمہ نے ان معنوں کو باطل قرار ہے۔
پس اگر اِس آیت کو لیا جائے تب بھی اِس سے ثابت نہیں ہوتا کہ اس میں کسی خاص مذہب یا قوم کے حکام کی اطاعت کا حکم دیا گیا ہے بلکہ یہ تعلیم عام ہے اور جب عام ہے تو کسی شخص کا حق نہیں کہ اپنے خیال سے اسے خاص کرے اور یہ شرط لگا دے کہ مسلمان حاکم ہو تو اس کی اطاعت فرض ہے ورنہ نہیں۔ آیت میں مسلمان غیر مسلمان کا کوئی ذکر نہیں ۔ پس جس مذ ہب یا جس قوم کا بھی حاکم ہو اُس کی اطاعت اِس حکم کے ماتحت ہر ایک مسلمان پر فرض ہے۔
اللہ تعالیٰ ہماری جماعت کو توفیق دے کہ وہ لوگوں کے دلوں سے ایسے گندے خیالات نکالے کیونکہ اسلام کی ترقی کے وہی دن ہوں گے جبکہ لوگوں کے دلوں سے ایسے خیالات نکل جائیں گے۔ خداتعالیٰ مسلمانوں کو فرماتا ہے شُھَدائَ عَلَی النَّاسِ۔ اِس وقت شُھَدائَ عَلَی النَّاسِ احمدی جماعت ہی ہے اس لئے اس کا فرض ہے کہ لوگوں کے ایسے خیالات کی اصلاح کرے اور انہیں سمجھائے۔ جو قرآن کریم کی اتباع کا دعویٰ کرتے ہیں انہیں قرآن کریم سے سمجھائے ۔ جو نہیں انہیں اپنے عمل اور عقل سے بتائے اور انہیں اپنی طرح گورنمنٹ کا مطیع اور فرمانبردار بنائے ۔ خداتعالیٰ ہماری جماعت کو اس بات کی توفیق دے۔ پھر دوسرے مدعیانِ اسلام کو بھی توفیق دے کہ وہ خداتعالیٰ ،آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم اور اسلام کو بدنام کرنے والی تعلیم سے بچیں اور سچی تعلیم پر عمل کریں۔‘‘ (الفضل ۱۰؍ اکتوبر۱۹۱۶ئ)
۱؎ النسآئ: ۵۹،۶۰
۲؎ البدایۃ والنھایۃ جلد ۸ صفحہ ۱۲۶ مطبوعہ بیروت ۲۰۰۱ء
۳ ؎ بخاری کتاب الادب مایجوز من الغضب والشدۃ
۴ ؎ البقرہ ـ:۱۸۰ ۵؎ البقرۃ: ۱۹۱ ۶؎ التوبۃ: ۴
۷؎ المؤمنون: ۹ ۸؎ اٰل عمران: ۷۶
۹؎ ترمذی ابواب الایمان باب ماجا ء فی افتراق ھذہ الامۃ
۱۰؎ بخاری کتاب الشروط باب الشروط فی الجھاد(الخ)
۱۱؎ المائدۃ: ۸۳
۱۲ ؎ حبشہ کی حکومت
۱۳؎ الزمر: ۷۲
۳۲
ہم سچی گواہی کو نہیں چھپا سکتے
(فرمودہ ۶؍اکتوبر۱۹۱۶ئ)
تشہد، تعوذ اورسورہ فاتحہ کے بعد حضور نے مندرجہ ذیل آیات کی تلاوت کی:۔
۱؎
پھر فرمایا:۔
’’کسی چیز کی محبت یا کسی چیز سے نفرت بعض دفعہ انسان کو اندھا کر دیتی ہے۔ محبت کبھی اپنے محبوب کے عیب اور نقص چھپا دیتی ہے اور بغض کبھی مبغوض کے ہنروں کو پوشیدہ کر دیتا ہے اور انسان اُس چیز کو جوا س کی محبوب ہوبے عیب اور بے نقص خیال کرتا ہے اور وہ چیز جس سے اسے بغض ہو اُسے تمام خوبیوں سے عاری اور تمام عیبوں سے پُر خیال کر لیتا ہے۔ اوربہت سی باتیں اس کے دشمن اور پیارے کی اس کی نظر سے ایسی گزرتی ہیں کہ دوسرے انہیں دیکھ کر حیران ہو جاتے ہیں کہ یہ اسے نظر کیوں نہیں آتیں۔ گویا وہ آنکھیں رکھتے ہوئے اندھا ، کان رکھتے ہوئے بہرہ اور دل رکھتے ہوئے نافہم اور ناسمجھ ہو جاتا ہے۔ اُس کی زبان ہوتی ہے مگر وہ چکھ نہیں سکتا،اُس کی ناک ہوتی ہے مگر وہ خوشبو اور بدبو میں تمیز نہیں کر سکتی کیونکہ محبت یا بغض کے پردے اس پر پڑے ہوتے ہیں۔ تم کئی آدمی ایسے دیکھو گے کہ وہ ایک چیز سے نفرت کرتے ہوں گے مثلاً کسی کھانے کی چیز سے۔ا گر انہیں اس کے کھانے کے لئے کہا جائے گا تو کہیں گے توبہ توبہ ہم تو اس کودیکھ بھی نہیں سکتے لیکن اگر اُسی چیز کا نام اورشکل بدلا کر انہیں کھلا دو تو چٹ کر جائیں گے اور ممکن ہے کہ کھاتے ہوئے یہ بھی کہتے جائیں کہ بہت مزیدار ،بہت لذیذ اور بہت عمدہ ہے۔ا گر درمیان میں ہی اُنہیں کہہ دیا جائے کہ یہ تو فلاں چیز ہے تو پہلے اسی بات سے انکار کریں گے کہ اجی نہیں یہ کہاں وہ چیز ہو سکتی ہے اس کا ذائقہ ہی الگ ہوتا ہے اور اگر یہ کہنے کی گنجائش نہ دیکھیں گے تو کہیں گے پہلے ہی کھاتے ہوئے ہماری طبیعت پر بوجھ سا محسوس ہور ہا تھا۔ اسی طرح اگر کسی چیز کو محبوب رکھتے ہوں اور ا س کی بجائے کوئی اور بتا دیا جائے تو کہا جائے کہ یہ وہی ہے تو اس کی ایسی تعریف کرنے لگ جائیں گے جیسی کہ اپنی محبوب چیزکی کرتے ہوں گے اور جب بتایا جائے کہ یہ تو وہ نہ تھی توشرمندہ ہو جائیں گے۔ اِس قسم کا ابھی ایک واقعہ گزرا ہے۔
ولایت میں ایک مشہور مصنف ہے ایک اخبار ہمیشہ ا س کے خلاف لکھا کرتاتھا اور کہتا تھا اس کے مضامین کوئی اعلیٰ پایہ کے نہیں ہوتے بلکہ ادنیٰ اور معمولی درجہ کے ہوتے ہیں۔ اس مصنف کے کسی دوست نے اُس کا ایک مضمون لے کر ایک ایسے مشہور مصنف کے نام سے اس اخبار میں چھپنے کے لئے بھیج دیا جس کو وہ پسند کرتا تھا۔ اس اخبار نے اس مضمون کو نمایاں جگہ پرموٹے الفاظ میں شائع کیا اور اپنی طرف سے بیسیوں خوبیاں اس مضمون اور مضمون نگار کی گنادیں۔ شائع ہونے کے بعد اسے لکھا گیا کہ یہ تو فلاں آدمی کا مضمون تھا اس پر اس کی تعریف بند ہو گئی۔
اسی طرح انوری ایک مشہور فارسی کا شاعر گزرا ہے وہ لکھتا ہے کہ میں اپنے استاد کے پاس شعر بنا کر دکھانے کے لئے لے جاتا تو وہ دیکھ کر کہہ دیتا کہ کچھ اچھے نہیں ہیں۔ استاد ہرروز اسی طرح کہتا۔ میں بڑی احتیاط اور کوشش سے شعر لکھتا لیکن وہ ناپسند کر دیتا۔ ایک دن مجھے اپنے گھر سے کچھ پرانے کاغذات ملے ان پر میں نے نہایت مدھم سی سیاہی کے ساتھ اپنے شعر لکھے اور استاد کے پاس لے گیاکہ یہ کاغذات مجھے پرانی کتابوں میں سے ملے ہیں ان پر لکھے ہوئے شعروں کوآپ پڑھیئے۔ انور ی لکھتا ہے استاد ان شعروں کو پڑھے اور لوٹتا جائے اور کہے کہ ایسا کامل استاد میں نے کبھی نہیںدیکھا یہ شعر کسی بڑے ہی اعلیٰ اورکامل استاد کے کہے ہوئے ہیں۔
خیر اُس کی وجہ تو اس نے اَور بتائی ہے مگر ہم یہ دیکھتے ہیں کہ بہت سی ایسی چیزیں جن کوانسان محبوب سمجھتا ہے بلا سوچے سمجھے ان کی تعریف شروع کر دیتا ہے اور بہت سی ایسی چیزیں جن کو ناپسند کرتا ہے بلا سوچے سمجھے ان کی مذمت کر نے لگ جاتا ہے۔ اُس وقت دلائل اور واقعات اس کی نظر سے پوشیدہ ہوجاتے ہیں۔
آج ہی میں نے کسی کا خط پڑھا ہے مجھے تو حیرت ہوئی ہے کہ کس طرح کسی چیز کی محبت یا بغض ہو تو انسان کی عقل اور سمجھ پر پردہ پڑ جاتا ہے۔ الفضل میں کوئی مضمون شائع ہوا ہے جس میںلکھا گیا ہے کہ
’’ہم حضرت مرزا صاحب کو نبی مانتے اور کہتے ہیں بلکہ یہ بھی کہہ دو کہ کامل نبی۔ حقیقی نبی،مستقل نبی مگر ایسا کہنے سے جو ہماری مراد ہے وہ بھی سن لو۔‘‘
’’ہم اعلان کرتے ہیں کہ ہم حضرت مرزا صاحب کو ہر گز ہرگز ایسا نبی نہیں مانتے نہ وہ کوئی شریعت لائے ،نہ اُنہوں نے احکامِ شریعت سابقہ منسوخ کئے، نہ وہ ایسے ہیں کہ نبی سابق کی اُمت نہ کہلائیں نہ وہ براہِ راست بغیر افاضہ کسی نبی سابق کے نبوت پانے والے ہیں۔‘‘
اِس کے متعلق وہ لکھتا ہے کہ اب تم کو ماننا پڑا ہے کہ ہم مرزا صاحب کو ایسا نبی سمجھتے ہیں اور پھر یہ بھی لکھا ہے کہ جو تعریف تم نے حضرت مرزا صاحب کی نبوت کی کی ہے وہ وہی تعریف ہے جو غیر مبائعین کرتے ہیں(اس کے اصل الفاظ یہ ہیں۔ نبی کی تعریف کی ذیل میں آپ نے وہ تعریف بھی لکھ دی ہے جو متفقہ مبائعین وغیر مبائعین اصحاب کی مراد ہے) حالانکہ یہ بالکل غلط ہے۔ اس مضمون میں کوئی ایسی بات نہیں لکھی گئی جس کے متعلق کہاجا سکے کہ ہم نے اب تسلیم کی ہے اور پہلے اسے تسلیم نہ کرتے تھے کیونکہ سب سے پہلے رسالہ کی صورت میں ’’القول الفصل‘‘ میں یہی مضمون چھپا ہے پھر ’’حقیقۃ النبوۃ‘‘ کی تمہید اِسی مضمون پر ہے کہ ہم جو حضرت مسیح موعود کو حقیقی نبی کہتے ہیں تو اِس لحاظ سے کہ حقیقتاً آپ کو نبوت ملی تھی نہ اس لئے کہ آپ بلاواسطہ یا شرعی نبی تھے۔ چنانچہ مولوی محمد علی صاحب نے جب یہ لکھا تھا کہ ’’میاں صاحب فی الواقع حضرت مسیح موعود کو حقیقی نبی مانتے ہیں‘‘ ا س کا جواب میں نے ’’القول الفصل‘‘ میں لکھ دیا تھا کہ
’’حضرت مسیح موعودؑ نے حقیقی نبی کے خود یہ معنی فرمائے ہیں کہ جو نئی شریعت لائے۔ پس اِن معنوںکے لحاظ سے ہم ان کو ہرگز حقیقی نبی نہیں مانتے۔‘‘ ۲؎
اِسی بات پر حقیقۃ النبوۃ کی تمہید ہے پھر اِس وقت تک بیسیوں مضامین الفضل میں اس پر لکھے جاچکے ہیں۔ مگر وہ خط لکھنے والا لکھتا ہے کہ آج تم نے اس بات کو مانا ہے اور پہلے نہیں مانتے تھے حالانکہ ہم پھر بھی وہی مانتے تھے جو اَب مانتے ہیں۔
پھر یہ بھی بالکل غلط ہے کہ حضرت مسیح موعودؑ کونبی کہنے سے جو ہماری مراد ہے وہی غیر مبائعین کی ہے۔ غیر مبائعین ہمارے بالکل خلاف کہتے ہیں وہ حضرت مسیح موعود کو ہماری طرح ظِلّی ،بروزی، اُمتی اور مجازی نبی تو کہتے ہیں لیکن اس سے اُن کا مطلب یہ ہوتا ہے کہ گویا حضرت صاحب نبی نہیں ہیں اور ہم جو یہ الفاظ کہتے ہیں تو ہمارا یہ مطلب ہوتا ہے کہ آپ نبی ہیں اور حقیقی نبی ہیں مگر کوئی شریعت نہیں لائے اور نہ بلا واسطہ نبی ہوئے ہیں بلکہ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی لائی ہوئی شریعت کے آپ پابند تھے اور آنحضرتؐ کے واسطہ سے ہی آپ نبی ہوئے۔ اگر غیر مبائعین کا بھی یہی مطلب ہے تو پھر وہ ہمارے مقابلہ میں کتابیں اور رسالے کیوں لکھتے ہیںـ؟میں نے ’’القول الفصل‘‘ میں لکھ دیا تھا کہ :۔
’’مستقل نبی کے معنی خود حضرت مسیح موعودؑ نے یہ کئے ہیں کہ جس کو بِلاواسطہ نبوت عطا ہو اور جو کسی اَور نبی کی اتباع سے انعامِ نبوت نہ حاصل کرے۔ا ن معنوں کے لحاظ سے ہم حضرت مسیح موعودؑ کو ہر گز مستقل نبی نہیں مانتے۔‘‘
اس کے ردّ میں اُنہوں نے لکھا۔ پھر حقیقۃ النبوۃ میں اِسی بات کو کھول کھول کر لکھا گیا تھا۔ اس کے خلاف بھی اُنہوں نے ایک کتاب لکھی۔ا گر ان کا اور ہمارا مفہوم ایک ہی تھا تو پھر ان کا مخالفت میں کتابیں لکھنے کا کیا باعث تھا۔
ہم جب حضرت مسیح موعودؑ کو حقیقی نبی کہتے ہیں توا ِس کی تشریح بھی ساتھ ہی کر دیتے ہیں کہ اگر کوئی حقیقی نبی کے یہ معنی کرے کہ وہ بناوٹی یا نقلی نہ ہو بلکہ درحقیقت خد اکی طرف سے خدا تعالیٰ کی مقردہ کردہ اِصطلاح کے مطابق قرآن کریم کے بتائے ہوئے معنوں کے رُو سے نبی ہو اور نبی کہلانے کا مستحق ہو۔ تمام کمالات نبوت اس میں اس حدتک پائے جاتے ہوں جس حد تک نبیوں میں پائے جانے ضروری ہیں توا ن معنوں کی رُو سے حضرت مسیح موعود حقیقی نبی تھے گوا ن معنوں کی رُو سے کہ آپ کوئی نئی شریعت لائے حقیقی نبی نہ تھے۔
ہاں ہم بھی آپ کو ظِلّی نبی کہتے ہیں وہ بھی ظِلّی نبی کہتے ہیں، ہم بھی اُمتی نبی کہتے ہیں وہ بھی اُمتی نبی کہتے ہیں۔ ہم بھی بروزی نبی کہتے ہیں وہ بھی بروزی نبی کہتے ہیں لیکن باوجود اس کے کہ لفظ ایک ہی ہیں پھروہ ہمارا رَدّ لکھتے ہیں اور ہم ان کا۔ اس خط لکھنے والے نے شاید یہ سمجھا ہے کہ الفاظ کی تعیین میں اختلاف ہے جو اَب دور ہو گیا حالانکہ ایسا نہیں ہے بلکہ الفاظ کی تشریح میں فرق ہے۔ وہ کہتے ہیں کہ ظِلّی نبی نبی نہیںہوتا اور ہم کہتے ہیں کہ نبی ہوتا ہے۔ وہ کہتے ہیں کہ نبی وہ ہوتا ہے جو بلاواسطہ نبوت پائے اور صاحبِ شریعت ہو۔ ہم کہتے ہیں وہ بھی نبی ہوتا ہے جو بالواسطہ نبوت پائے اور جو صاحبِ شریعت نہ ہو۔ وہ کہتے ہیں حضرت صاحب کا یونہی نبی نام رکھ دیا گیا ہے ورنہ حقیقت میںآپ نبی نہیں تھے کیونکہ آپ کو ظِلّی نبی کہا گیا ہے اور ظل سایہ کو کہتے ہیں اور سایہ کی کوئی حقیقت نہیں ہوتی۔ ان میں سے بعض تو کہتے ہیں کہ سایہ پر جوتیاں مارنے سے بھی کوئی حرج نہیں ہوتا کیونکہ اُس کی کوئی حقیقت نہیں ہوتی۔
لیکن ہمارے نزدیک ظلی نبی کی یہ شان ہے کہ وہ کئی پہلے نبیوں سے بھی بڑھ کر ہے۔ چنانچہ حضرت مسیح موعود علیہ السلام نے بھی دعویٰ کیا ہے کہ میں پہلے مسیح سے افضل ہوں۔ اور وہ دعویٰ یہ ہیـ:۔
’’خدا نے اِس اُمت میں سے مسیح موعود بھیجا جو اس سے پہلے مسیحؑ سے اپنی تمام شان میں بہت بڑھ کر ہے۔‘‘ ۳؎
اور پہلے آئمہ نے بھی اس بات پر اتفاق کیا ہے کہ آنے والا مسیح بعض انبیاء سے بڑھ کر ہو گا۔ واقعہ میں یہی بات درست ہے۔ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کا ظل کوئی معمولی چیزنہیں ہے۔ ایک ظل سایہ ہوتا ہے لیکن حضرت مسیح موعود پر یہ معنی چسپاں نہیں ہو سکتے۔
آج ایک صاحب حضرت مسیح موعودؑ کی نبوت کا انکار کرتے ہیں مگر آج سے کچھ عرصہ پہلے اُنہوں نے خواجہ صاحب کے حلف کے جواب میں ایک مضمون لکھ کر مجھے بھیجا تھا جس میںلکھا تھا کہ خواجہ کہتا ہے کہ ظل کچھ نہیں ہوتا اور اس کی کچھ حقیقت نہیں ہوتی کیونکہ ظل سایہ کو کہتے ہیں اور سایہ بے حقیقت چیز ہوتا ہے۔ اگرچہ عام طور پر ظل سایہ کو کہتے ہیں مگر دراصل نور کے درمیان حائل ہونے والی روک سے جو اندھیرا پیدا ہو اُسے ظل کہتے ہیں۔ یعنی جتنے حصہ پر نور کو وہ روک نہ پڑنے دے اسے ظل کہتے ہیں۔ اگر یہی معنی ظل کے حضرت مسیح موعود ؑ پر چسپاں کئے جائیں تو اس سے آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی سخت ہتک ہوتی ہے اور حضرت مسیح موعود ؑکی بھی کہ آپ گویا دنیا کے لئے اندھیرا اور تاریکی ہو کرآئے تھے لیکن ظل کے یہ معنی آپ کے متعلق استعمال نہیں کئے جا سکتے۔ اس شخص نے دلیل ا ُس وقت لکھی تھی اور اِس میںکیا شک ہے کہ یہ ایک زبردست دلیل ہے مگر آج ا س کو یہ بھول گئی ہے اور اُسی طرح بھول گئی جس طرح یہ بھول گیا ہے کہ احمد حضرت مسیح موعود نہیںہیں۔ پہلے تو یہ صاحب کہا کرتے تھے کہ جب خدا تعالیٰ نے حضرت مسیح موعود کو قرآن کریم میں احمد کہا ہے تو پھر میں کیوں آپ کی تعریف نہ کروں اور ہر آیت سے آپ کی تصدیق نکالتے تھے۔ پھر کفرو اسلام کے لئے مسئلہ پر گول کمرہ میں مجھ سے گفتگو کرتے رہے اور کہتے کہ آپ کے منکرین کو کافر نہ کہنا آپ کے درجہ کو گھٹانا اور آپ کی ہتک کرنا ہے مگر آج وہ یہ ساری باتیں بھول گئے ہیں۔
تو ظلی نبی کی جو تعریف غیر مبائعین کرتے ہیں اس کا وہی مطلب ہے جو اُس شخص نے اُس وقت نکالا تھا جبکہ اسے دُوری نہیں ہوئی تھی اور وہ ایک خطرناک مطلب ہے کیونکہ اس سے آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم اور حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی سخت ہتک ہوتی ہے اور ماننا پڑتا ہے کہ (نَعُوْذُ بِاللّٰہِ) آپ کا وجود ایسا کثیف تھا کہ ا س کے خد ا تعالیٰ کے نور کے سامنے حائل ہونے سے اندھیرا پیدا ہو گیا اوروہ اندھیرا حضرت مسیح موعود تھے۔ جس قدر کوئی چیز شفاف ہوتی ہے اُسی قدر اُس کا ظل کم اندھیرا پیدا کرتا ہے ۔مثلاً شیشہ ایک شفاف چیز ہے ا س کو سورج کے سامنے رکھنے سے جو ظل پیدا ہو گا۔ وہ بہ نسبت ایک غیر شفاف چیز کے بہت کم ہو گا۔ تو ظل کا مطلب یہ ہے کہ ایک نورانی چیز کے سامنے کوئی ایسی روک کھڑی ہو جائے جو اس کے نور کو روک لے اور جتنے حصہ سے روک لے وہ ا س کا ظل ہوگا۔ اگر یہی معنی ظل کے حضرت مسیح موعود کے متعلق لئے جائیں توا س کا یہ مطلب ہو گا کہ (نَعُوْذُ بِاللّٰہِ) آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کے وجود سے خدا تعالیٰ کے نور کے سامنے آنے سے جو اندھیرا پیدا ہوا وہ حضرت مسیح موعود تھے۔ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کاوجود ایسا کثیف تھا کہ اس نے خدا کے نور کے سامنے آکر اندھیرا پیدا کر دیا اور جتنے حصہ پر آپ کی وجہ سے روشنی نہیں پڑ سکتی وہ مسیح موعود کا وجود ہے۔
لیکن اس سے بڑھ کر ظل کے بدترین معنی جو حضرت مسیح موعود کے متعلق لئے جائیں اور کوئی نہیں ہو سکتے کہ باقی تمام حصہ پر نور ہی نور ہے مگرایک حصہ پر رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے کھڑے ہوجانے کی وجہ سے اندھیرا اور تاریکی ہو گئی ہے اور وہ تاریکی حضرت مسیح موعود علیہ السلام کا وجود ہے۔
کیا ظل کے یہ معنی حضرت مسیح موعود علیہ السلام پر چسپاں ہو سکتے ہیں؟ اگر کوئی چسپاں کرتا ہے تو دیکھ لے کہ اِس سے کیا نتیجہ نکلتا ہے لیکن جس کے دل میں آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی عزت اور حضرت مسیح موعود کی قدر ہے وہ تو کبھی بھی ظل کے یہ معنی نہیں کر سکتا اور نہ ہی ظل سے یہ مراد لے سکتا ہے۔ بلکہ ظل سے وہی مراد لے گا جو حضرت مسیح موعودؑ نے لی ہے کہ عکس اور عکس بھی ایسا جس میں تمام خوبیاں آگئی ہوں۔ ہر نبی میں کچھ خوبیاں ہیں اور آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم میں سارے انبیاء کی خوبیاں جمع تھیں۔ وہ خوبیاں حضرت مسیح موعود علیہ السلام نے آپ سے حاصل کیں۔ ہاں آپ ظل اس لئے ہیں کہ آپ کو جو کچھ ملا آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کے ذریعہ بِلا واسطہ کچھ نہیںملا۔
تو ظل کے لفظ میں اختلاف نہیں بلکہ اِس کی تشریح میں اختلاف ہے۔ ہم کہتے ہیں کہ حضرت مسیح موعود ؑنے آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کا ظل ہو کر آپ کے تمام کمالات حاصل کر لئے تھے اور غیر مبائعین کہتے ہیں کہ حضرت مسیح موعودؑ وہ تاریک حصہ تھے جو آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کے کثیف وجود کے خدا تعالیٰ کے سامنے آنے سے پیدا ہو گیا تھا۔ یہی اختلاف ہمارا اور غیر مبائعین کا پہلے تھا اور یہی اَب ہے۔
اس خط کے لکھنے والے نے معلوم ہوتا ہے یہ سمجھ رکھا تھا کہ لفظوں میں اختلاف ہے۔ مبائعین ظلی نبی نہیں مانتے اور اب اُنہوں نے مان لیا ہے حالانکہ ہم جس طرح پہلے ظلی نبی مانتے تھے اُسی طرح اب بھی مانتے ہیں۔ اِس نے محبت میں اندھا ہو کر ہماری پہلی تحریروں سے غلط نتیجہ نکالاہے۔
دوسری بات وہ یہ لکھتا ہے کہ جب تم بھی کامل نبی، مستقل نبی اور حقیقی نبی کی وہی تعریف کرتے ہو جو متفقہ مبائعین وغیر مبائعین اصحاب کی ہے تو بجائے اس کے کہ لوگوں کو اپنے پاس تمہاری بنائی ہوئی ڈکشنری رکھنی پڑے کہ کن معنوں میں تم نبی کہتے ہو تم کیوں حضرت صاحب کو مجدد نہیں کہتے جس کے لئے کسی ڈکشنری کی ضرورت نہیں۔
معلوم ہوتا ہے اس نے مجدد اور رسول میں فرق ہی نہیں سمجھا۔ اُمت محمدیہ میں مجدووں کی پیشگوئی اس طرح ہے کہ پہلی اُمتوں میں ایسے لوگ ہوتے رہے ہیں جو نبی نہیں تھے مگر خدا تعالیٰ اُن سے کلام کرتا تھا اِسی طرح میری اُمت میں بھی ایسے لوگ ہوںگے۔ اور محدث تو آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے حضرت عمرؓ کو بھی کہا تھالیکن حضرت مسیح موعود نے لکھا ہے کہ :۔
’’اگر خدا تعالیٰ سے غیب کی خبریں پانے والا نبی کا نام نہیں رکھتا توپھر بتلائو کس نام سے اس کوپکارا جائے۔ اگر کہو محدث رکھنا چاہئے تو میںکہتا ہوں کہ تحدیث کے معنی کسی لُغت کی کتاب میں اظہارِ غیب نہیں ہے۔‘‘ ۴؎
پس جب کوئی محدث نبی نہیں ہو سکتا تو مجدد کہاںنبی ہو سکتا ہے۔ مجدد کا لفظ تو اَور لوگوں پر بھی بولا جا سکتا ہے۔ا گر اس حدیث کوپیش نظر نہ رکھیں تو غیر مذاہب کے لوگوں کے متعلق بھی یہ کہہ سکتے ہیںکیونکہ کسی مٹی ہوئی بات کو قائم کرنے اور کسی چیز کی اصلاح کرنے والا مجدد ہوتا ہے جو بھی اس طرح کرتا ہے اسے مجدد کہاجا سکتا ہے لیکن کسی محدث یا مجدد کوکسی لُغت میںنبی نہیںکہا گیا۔ پھر ہم حضرت مسیح موعودؑ کو محدث یا مجدد کیونکر کہیں۔ آپ کو ایک دفعہ یہی کہا گیا تھا کہ آپ اپنے آپ کونبی کیوں کہتے ہیں محدث کیوںنہیںکہتے ؟تو آپ نے اس کا جواب دیا کہ خدا تعالیٰ سے غیب کی خبریں پانے والے کا کس لُغت کی کتاب میں محدث نام رکھا گیا ہے ا س سے معلوم ہوگیا کہ آپ نے محدث کہلانے سے انکار کردیا ہے۔ پھر اب کیاہم اس لئے آپ کونبی کہنا چھوڑ دیں اور محدث اور مجدد کہا کریں کہ لوگ ہم پر اعتراض کریں گے۔
کیایہ ہمارے لئے جائز ہو سکتا ہے؟ یہی آیت جو میں نے ابھی پڑھی ہے اس میں خداتعالیٰ فرماتا ہے کہ اے مومنو ! تم قوام ہو جائو خدا کیلئے۔ یعنی جو کام بھی انسان خدا تعالیٰ کیلئے کرے اس میں بزدلی نہ دکھائے۔ پھر فرمایا کہ جو بات کرو انصاف اور عدل کے ساتھ کرو یہ نہیں کہ عدل کو چھوڑ دو۔ پھر فرمایا اور تمہیں کسی کی قوم کی دشمنی اس بات پر نہ آمادہ کردے کہ تم عدل ترک کردو بلکہ عدل کرو یہ بات تقویٰ کے بہت قریب ہے۔ کے دو معنی ہیں۔ اوّل یہ کہ تمہاری کسی قوم سے دشمنی ہو اور دوسرے یہ کہ تم سے کسی قوم کی دشمنی ہو۔ اس لئے اس کے یہ معنی ہوئے کہ تم حق کی گواہی دینے سے اس لئے مت رکو کہ تم کو کسی سے دشمنی ہو یا اس لئے کہ کسی کو تم سے دشمنی ہے۔
اِس حکم کے ہوتے ہوئے کس طرح ممکن ہے کہ غیر احمدی چونکہ ہم سے دشمنی رکھتے ہیں اس لئے ہم سچی گواہی چھپا رکھیں۔ خدا نے کہا ہے اور بار بار کہا ہے کہ مسیح موعود نبی ہے، نبی ہے، نبی ہے۔ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے کہا ہے کہ نبی ہے، پھر پہلے نبیوں نے آپ کو نبی کہا ہے، پھر اُمت محمدیہ کے صلحاء کی شہادت ہے کہ آپ نبی ہیں۔
پھر خدا تعالیٰ نے یہاں تک آپ کو کہا ہے کہ سَیَقُوْلُ الْعَدُوُّلَسْتَ مُرْسَلًا۔ ۵؎ تیرا دشمن کہے گا کہ تو نبی نہیں ہے۔ چنانچہ ان نبی نہ کہنے والے لوگوںنے جتنی دشمنی اور عداوت کا ثبوت دیا ہے۔ اور کسی نے نہیں دیا جو لوگ احمدی ہوتے ہیں ان کو برگشتہ کرنے میں لگے رہتے ہیں۔ حضرت مسیح موعود علیہ السلام کا اِس قدر درجہ گھٹاتے ہیں کہ ایک شریف دشمن بھی ایسا نہیں کرسکتا۔ کوئی شریف دشمن کبھی یہ نہیں کہے گا کہ ظل پر جوتی مارنی جائز ہے مگر اُنہوں نے کہہ دیا۔ تو خدا تعالیٰ کی طرف سے سَیَقُوْلُ الْعَدُوُّلَسْتَ مُرْسَلًا کہناشہادت ہے اِس بات کی کہ آپ خدا کے نبی اور رسول تھے اور جو آپ کا دشمن ہو گا وہی آپ کو نبی نہیں مانے گا پھر کیوں نہ ہم آپ کو نبی کہیں۔ غیر احمدی اگر اس حق بات کے کہنے سے چڑتے ہیں تو چڑیں ہمیں ان کیا پرواہ ہے۔ ہاں ہماری ان سے کوئی دشمنی نہیں کہ اگر وہ کہیں کہ مرزا صاحب کوئی شریعت نہیں لائے تو ہم کہیں کہ لائے ہیں، اگر وہ کہیں کہ بِلاواسطہ نبی نہیں ہوئے تو ہم کہیں کہ بِلاواسطہ ہوئے ہیں اور نہ ہی ان کی ہم سے کوئی دشمنی ہے اس لئے ہم یہ کہتے ہیں کہ مرزا صاحب نبی اور رسول ہیں۔ یہ دونوں باتیں نہیں، نہ تو ہم مسیح موعودؑ کا درجہ بڑھاتے ہیں کہ ہم دشمن کو تنگ کریں اور چڑائیں اور نہ ہی حضرت صاحب کے اصل درجہ کو چھپاتے ہیں کہ غیر احمدی ہمارے دشمن ہیں۔ حق کہنا ہر ایک مومن کا فرض ہے اور ہم بھی حق ہی کہتے ہیں خواہ جان بھی چلی جائے۔ ہم تو حق کہنے سے کبھی نہیں ڈرتے اگر کوئی ڈرتا ہے تو حق کو چھپائے رکھے۔ ہمارا ٰ یقین اور ایمان ہے کہ حضرت مسیح موعودؑ خدا تعالیٰ کے نبی تھے ہاں ایسے نبی جو کوئی شریعت نہیںلائے تھے اور نہ بلاواسطہ نبی ہوئے تھے بلکہ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کے طفیل نبی ہوئے تھے اور آپ ظلی نبی تھے مگر اس لحاظ کہ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کے کمالات آپ نے اخذ کر لئے تھے نہ اس لحاظ سے کہ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کے نور کے سامنے آنے سے کوئی ظلمت پیدا ہو گئی تھی اور آپ وہ ظلمت تھے۔ اِسی تشریح کے ساتھ ہم آپ کو نبی مانتے ہیں۔
باقی رہا یہ کہ اس سے لوگوں کو دھوکا لگ سکتا ہے اور اُنہیں ڈکشنری پاس رکھنی پڑے گی اِس لئے اس کو چھوڑ دینا چاہئے۔ا گر اِس لحاظ سے اس کو چھوڑ دیا جائے تو قرآن کریم کے کئی احکام ہیں جن کو چھوڑنا پڑے گا۔مثلاً ملائکہ کو مشرک لوگ خد اکی بیٹیاں کہتے تھے۔ ۶؎ ا ب جو شخص یہ کہے گا کہ ہم ملائکہ کو مانتے ہیں تو ہو سکتا ہے کہ مشرکین اس سے یہ سمجھیں کہ یہ بھی ہماری طرح ہی ملائکہ کو خدا کی بیٹیاں سمجھتا ہے اس لئے چاہئے کہ وہ ملائکہ سے ہی انکار کر دے تاکہ ان کو دھوکا نہ لگے۔ پھررسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کو بھی نہیں ماننا چاہئے کیونکہ وہ لوگ رسول اُس کو سمجھتے تھے کہ جس کے پاس بہت سے خزانے ہوں،غیب جاننے والا ہو، آسمان پر چڑھنے والا ہو۔ ۷؎ چونکہ رسول کے لفظ سے ان کو ا س قسم کا دھوکا لگتا تھا اس لئے چاہئے کہ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم اپنے آپ کو رسول نہ کہتے اور نہ ہی کوئی مسلمان آپ کو رسول کہتا لیکن یہ بات ہی فضول ہے۔ کسی کو اگر اس سے دھوکا لگتا ہے تو یہ ہمارا قصور نہیں ہے بلکہ اس کی اپنی سمجھ کا قصور ہے۔
ہمارے متعلق یہ کہنا کہ یہ مرزا صاحب کو نبی کہہ کر پھر ا س کی تشریح کرتے ہیں اس تشریح کو کون یاد رکھے ۔یہ بھی نادانی کی بات ہے۔ ہم کہتے ہیں کہ اگر تشریح کرنا کوئی بُری بات ہے تو پھر خدا تعالیٰ نبی کہہ کر پھرکیوں تشریح کرتا ہے جب خدا تعالیٰ نبی کی تشریح کرتا ہے تو ہمارا فعل اس کے مطابق ہی ہے نہ کہ خلاف۔ خدا تعالیٰ رسول کے متعلق فرماتا ہے کہ وہ علم غیب نہیں جانتا، اپنی طاقت سے کوئی نشان نہیں دکھا سکتا اور یہ نہیں کہ وہ وفات نہ پائے اور یہ بھی نہیں کہ کھانا نہ کھاتا ہو بلکہ رسول ہوتے ہوئے اس میں یہ سب باتیں پائی جاتیںہیں۔ اب کوئی کہے کہ خداتعالیٰ کو رسول کا لفظ کہہ کر جو اِس قدر تشریح کرنے کی ضرورت پڑی ہے اس لئے چاہئے تھا کہ اس کو چھوڑ ہی دیتا اور کوئی ایسا لفظ کہتا جس کے متعلق اسے تشریح نہ کرنی پڑتی مگر کوئی عقلمند یہ نہیں کہہ سکتا اور باوجود اس کے قرآن کریم سے ثابت ہے کہ رسول کہنے سے کفار اور مشرکین کو دھوکا لگتا تھا اور وہ سمجھتے تھے کہ رسول وہ ہوتا ہے جو آسمان پر اُڑجائے، وہاں سے کوئی کتاب لے آئے وغیرہ وغیرہ۔ پھر بھی خدا تعالیٰ نے آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کو رسول ہی کہا۔ ہاں ان کے اس قسم کے غلط خیالات کی تردید کر دی اور رسول کے لئے جو باتیں ضروری تھیں وہ بیان کردیں۔
پھر دیکھو جہاد کا مفہوم لوگوں نے یہ سمجھ رکھا ہے کہ کافر ملے اسے قتل کر دو۔ا ب کیا اس لفظ کو قرآن کریم سے اُڑا دینا چاہئے کہ اس کی وجہ سے کسی کو دھوکا نہ لگے؟ ہر گز نہیں۔ پھر قرآن کریم میں ایسی آیات ہیں جن میں کفار سے لڑنے کا حکم ہے اور دوسری جگہ لڑائی کے شرائط بیان کئے گئے ہیں۔ا ب ان لڑائی کے متعلق آیات کو نکال دینا چاہئے کہ ان کی وجہ سے غلطی لگ سکتی ہے؟ اس طرح تو کچھ بھی باقی نہیں رہ سکتا۔ ہر ایک آیت سے کسی نہ کسی انسان کو دھوکا اور غلطی ضرور لگے گی اس لئے (نَعُوْذُ بِاللّٰہِ) تمام قرآن کو ہی جلا دینا چاہئے؟ کسی کے دھوکا لگنے کے خوف سے اگر کوئی بات ترک کرنی چاہئے تو پھر کچھ بھی باقی نہ بچے گا۔
ہاں اگر یہ ہو کہ کسی لفظ کے لغت ایک معنی کرتی ہو اور خدا تعالیٰ نے بھی اس کے معنی کر دئیے ہوں اور اس کے برخلاف کوئی نئے معنی پیدا کرتا ہو تو اس کو چھوڑ دینا چاہئے کہ اس سے دھوکا لگ سکتا ہے۔ مثلاً کوئی کہے کہ میں اپنا نام اللہ رکھ لیتا ہوں۔ہم کہیں گے کہ نہ تو لغت میں آدمی کو اللہ کہا گیا ہے اور نہ خدا تعالیٰ نے کسی انسان کا اللہ نام رکھاہے اس لئے یہ نام رکھنا چھوڑ دینا چاہئے کہ اس سے دھوکا لگتا ہے۔ اسی طرح اگر کوئی کہے کہ آدمی کے معنی کتا ہوتے ہیں اس کو بھی ہم یہی جواب دیں گے۔ اسی طرح اگر اس زمانہ میں جہالت اور نادانی سے لوگوں نے نبی کی یہ تعریف سمجھ رکھی ہے کہ
(۱) نبی وہ ہوتا ہے جوشریعت لاتا ہے ۔
(۲) بعض احکام شریعت کو منسوخ کرتا ہے۔
(۳) کسی نبی کا متبع نہیں ہوتا بلکہ براہ راست نبوت پاتا ہے۔
تو ہم کہتے ہیں کہ نبی کی یہ تعریف نہ خدا تعالیٰ نے بیان کی ہے، نہ قرآن کریم سے اس کا پتہ لگتا ہے اور نہ ہی لغت نبی کی یہ تعریف کرتی ہے پھر ہم کس طرح حضرت مسیح موعود علیہ السلام کو نبی کہنا چھوڑ دیں۔ اگر نبی کی تعریف خد اتعالیٰ کے نزدیک، قرآن کریم کے رو سے اور لغت میں وہی ہوتی جو لوگ سمجھے ہوئے ہیں تو ہم حضرت مسیح موعود کو نبی کہنا چھوڑ دیتے کہ یہ باتیں آپ میں نہیں پائی جاتیں اس لئے لوگوں کو دھوکا لگ سکتا ہے۔ لیکن جب ان کا نبی میں پایا جانا نہ خدا تعالیٰ کے نزدیک ،نہ قرآن کریم کے نزدیک اور نہ لغت کے نزدیک ضروری ہے تو پھر ہم کیوں نہ حضرت مسیح موعود کو نبی کہیں۔ بلکہ ہمارے لئے تو ضروری ہے کہ بڑے زور سے آپ کو نبی کہیں کیونکہ لوگوں نے جو غلطی سے نبی کے غلط معنی سمجھ رکھے ہیں ا سکی اصلاح ہو جائے نہ یہ کہ ان کے باطل خیال اور نبی کی باطل تعریف کے کرنے کی وجہ سے نبی کا درست اور جائز استعمال بھی اس لئے ترک کر دیں کہ وہ چڑتے ہیں اورا نہیں دھوکا لگتا ہے۔ دنیا میں کونسی بات ہے جس سے کسی کو دھوکا نہیں لگ سکتا۔ ہم دھوکا لگنے سے احتیاط کریں گے لیکن اُسی وقت تک کہ دین کا کوئی پہلو نہ جاتاہولیکن جب ایک نبی کی ہتک ہوتی ہو اُس وقت ہم اِس بات کا ہرگز خیال نہیں کریں گے اُس وقت ہم وہی بات کہیں گے جو خدا تعالیٰ اور اُس کے نبی نے بتائی ہے۔ اور یہ بات کونسی مشکل ہے کہ ہر ایک کو اس کے سمجھنے سے دھوکا لگ سکتاہے۔ آخر ہزاروں لاکھوں آدمیوں نے اس کو سمجھا ہے یا نہیں؟ پھر اَور کوئی کیوں نہیں سمجھ سکتا۔
کسی کا یہ کہنا کہ حضرت مسیح موعودؑ نے لکھ دیا ہے کہ رسالہ فتح اسلام، توضیح مرام اور ازالہ اوہام میں جہاں جہاں میں نے نبی کا لفظ لکھا ہے اُسے محدث سمجھ لو اس لئے آپ کو نبی نہیں کہنا چاہئے یہ بات بھی غلط ہے کیونکہ یہ اُس وقت آپ نے لکھا تھا جبکہ آپ اپنے آپ کو نبی نہ سمجھتے تھے اور جب سمجھاتو اس کو منسوخ کر دیا۔ پس جب آپ نے اس کو منسوخ کر دیا توا ب اَور کس کا حق ہے کہ اس کو منسوخ نہ کرے۔
پھر وہی شخص لکھتا ہے کہ احمدی وہ ہوتا ہے جو حضرت صاحب کی کسی تحریر کو منسوخ نہ سمجھتا ہو۔ ہم کہتے ہیں حضرت مسیح موعودؑ نے ایک وقت حضرت عیسیٰ کو زندہ مانا ہے اس لئے اب ان کو زندہ ہی سمجھنا چاہئے اور جو ایسا نہیں سمجھتا وہ تمہارے نزدیک احمدی ہی نہیں۔اسی طرح آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے ابتداء میں متعہ کی اجازت دی لیکن بعد میں منع فرما دیا۔ ۸؎ ا ب اس کے خیال میں وہ شخص مسلمان ہی نہیں جو متعہ کو اب ناجائز سمجھے۔ اسی طرح کئی اور احکام کی اجازت تھی یعنی آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم ان کے کرنے سے منع نہ فرماتے تھے مگر بعد میں ممانعت ہو گئی۔ مثلاً ابتدا میں کئی ایسے مسلمان تھے جنہوں نے اپنی سوتیلی مائوں سے نکاح کیا ہوا تھا بعد میں آپ نے منع فرما دیا۔ پھر گدھے کی حلت تھی ۹؎ اور بعد میں حکم آگیا کہ ایسا نہ کرو۔اور کئی اس قسم کے احکام ہیں کہ پہلے اس کے متعلق حکم دیا جائز سمجھا اور اس سے منع نہ کیا لیکن بعدمیں منسوخ کر دیا۔ اس سے کیا کوئی کہہ سکتا ہے کہ نَعُوْذُ بِاللّٰہِ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم مسلمان ہی نہ تھے؟ پھر ایک زمانہ ایسا بھی آیا ہے کہ ۹۹ فیصدی مسلمان قرآن کریم کی کسی نہ کسی آیت کو منسوخ سمجھتے تھے کیاوہ سب کے سب کافر تھے؟ لیکن قرآن کریم کی کسی آیت کو ہم اس لئے منسوخ نہیں کہہ سکتے کہ قرآن کریم اس سے انکار کرتا ہے لیکن جس تحریرکو حضرت مسیح موعودؑ نے منسوخ کر دیا ہے اُس کو منسوخ نہ کرنا بلکہ قائم رکھنا ایک بہت بڑا ظلم ہے۔
اب کوئی کہے کہ اگر اس طرح تحریریں منسوخ ہونے لگیں توا ندھیر آجائے گا لیکن ہم کہتے ہیں اندھیر کس طرح آسکتاہے ؟اندھیرتو تب آئے جب اپنی عقل اور اپنی رائے سے کسی تحریر کو منسوخ قرار دے لے لیکن جب وہی تحریرمنسوخ ہو جس کو لکھنے والا منسوخ کرے تو پھر کوئی حرج نہیں واقعہ ہوتا۔ دیکھو گورنمنٹ ایک حکم دیتی ہے اور پھر اس کو منسوخ کر دیتی ہے۔ کیا اس طرح اندھیر پڑ جاتا ہے؟ نہیں۔ ہاں اگر گورنمنٹ کے کسی حکم کو وکلاء منسوخ قرار دیں تو پھر ابتری پڑ سکتی ہے۔ حضرت مسیح موعود علیہ السلام نے اپنی تحریر کو آپ ہی منسوخ قرار دے دیا ہے ا ب ہمارے لئے یہی ضروری ہے کہ ہم آپ کی ناسخ تحریر کومانیں نہ کہ منسوخ شدہ کو۔پس یہ کہہ دینا نادانی اور جہالت ہے کہ منسوخ کرنے سے تو اندھیر پڑ جائے گا یا حضرت صاحب کی ہتک ہو گی۔ ہم تو خدا تعالیٰ کے کلام میں بھی ناسخ و منسوخ دیکھتے ہیں۔ قرآن کریم بتاتا ہے کہ قبلہ کا حکم منسوخ ہوا تھااور تحویل قبلہ صاف بتا رہی ہے کہ پہلے کوئی اَور حکم تھا اور پھر اَور ہوا۔ چنانچہ قرآن کریم بھی کہتا ہے کہ ۱۰؎ ہم نے قبلہ کو اس لئے بدلا ہے تاکہ جان لیں کہ کون رسول کی پیروی کرتا ہے اور کون ایڑیوں کے بل پھر جاتا ہے۔ا ب کیا جو لوگ تحویل قبلہ مانتے ہیں وہ مسلمان نہیں ہیں؟
میں پھر یہ بتا دینا ضروری سمجھتا ہوں کہ قرآن کریم کی کوئی آیت اس لئے منسوخ نہیں ہے کہ کوئی آیت کسی آیت کے ناسخ ہونے کے متعلق نہیں ہے۔ اگر قرآن کریم میں کہیں یہ آجاتا کہ فلاں آیت منسوخ ہے تو ہم اس کو مان لیتے لیکن اب جبکہ قرآن کریم میں ایسی کوئی آیت نہیں آئی تو اَور کوئی آیت کومنسوخ نہیں کر سکتاکیونکہ اگر ہر ایک اپنی مرضی کے مطابق منسوخ کرنے لگے تو سارا قرآن ہی منسوخ ہو جائے۔ کوئی کسی آیت کو منسوخ سمجھ لے اور کوئی کسی کو۔ اس لئے کسی کا حق نہیں ہے کہ قرآن کریم کی کسی آیت کو منسوخ قرار دے۔تو یہ بھی ایک غلط خیال ہے اس کی وجہ سے بھی ہم سچی گواہی کو نہیں چھپا سکتے اور نہ اس لئے کہ لوگ ہمیں کیا کہیں گے۔ لوگ ہمارے مسیح موعود کہنے سے ہم پر کہاں خوش ہیں تو کیا یہ کہنا بھی چھوڑ دینا چاہئے کہ اس طرح ان کو مسیح ابن مریم کا دھوکا لگتا ہے؟ پھر لوگوں کا خیال ہے کہ مہدی خونی آئے گا اس لئے حضرت صاحب کو مہدی بھی نہیں کہنا چاہئے کیونکہ اس طرح لوگوں کا خیال خونی مہدی کی طرف چلا جاتا ہے ہرگز نہیں۔ کہنے والا تو آپ کو یہی کہے گا کہ آپ مسیح موعود ہیں، آپ مہدی ہیں کیونکہ واقعہ میں یہی بات درست ہے۔ اس سے چاہے کسی کو دھوکا لگے یا تکلیف ہو یہ کہنے سے کبھی نہیں رُکے گا۔ اسی طرح ہم بھی نبی کا لفظ آپ کے متعلق بولنا اس لئے نہیں چھوڑ سکتے کہ واقعہ میں آپ نبی تھے۔ اگر آپ واقعہ میں نبی نہ ہوتے بلکہ یونہی آپ کو نبی کہا جاتا تو ہم آپ کو نبی کہنا چھوڑ دیتے۔ پھر اب تو ہم نے یہ بھی دیکھ لیا ہے کہ نبی کا لفظ نہ استعمال کرنے کی وجہ سے بعض لوگوں کو آپ کے متعلق دھوکا لگ گیا ہے اس لئے بھی اس کا استعمال کرتے ہیں۔ ہاں ساتھ ہی تشریح بھی کر دیتے ہیں تاکہ لوگوں کے غلط خیال کی اصلاح ہو جائے۔ ہم لوگوں کے ڈرسے یہ کہنے سے نہیں رُک سکتے۔ ایک صحابی کہتے ہیں کہ اگر کوئی میری گردن پر تلوار رکھ دے اور رسول کریمؐ کی کوئی حدیث رہ گئی ہو گی تو میں جلدی جلدی اسے بیان کر دوں گا کہ میرے سینہ میں ہی نہ رہ جائے۔ ۱۱؎
تو کامل ایمان اسی کو کہتے ہیں۔ ہم تو خدا تعالیٰ سے ایسے ہی ایمان کی توفیق چاہتے ہیں باقی جو بزدل ہیں وہ چھپاتے پھریں ہمیں تو لوگوں کی کچھ پرواہ نہیں صرف خدا ہی کی پرواہ ہے۔ جب اُس نے حضر ت مسیح موعودؑ کا نام نبی رکھا ہے اور جو آپ کو نبی نہیں کہتا اُسے آپ کا دشمن قرار دیا ہے تو ہم کیوں آپ کو نبی نہ کہہ کر آپ کے دشمن بنیں۔ ہم تو خدا کے فضل سے آپ کے دوستوں میں ہیں جس کا جی چاہتا ہے کہ دشمن بنے وہ آپ کو نبی نہ کہے۔ ہم بڑی دلیری اور جرأت سے کہتے ہیں کیونکہ نہ کہنا عدوّ کا کام ہے۔ ہم خادم ہیں اس لئے خدمت کا حق ادا کرتے ہیں اور وہ یہی ہے کہ دنیا کے سامنے آپ کا سچا دعویٰ پیش کریں۔
کسی کا یہ کہنا کہ بائبل میں مسیح کو ابنُ اللہ اور آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کو خدا کہا گیا ہے تو کیا واقعہ میں مسیح کو خدا کا بیٹا اور آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کو خدا مان لینا چاہئے؟ ہم کہتے ہیں یہ ایسی کتاب میں لکھا ہوا ہے جو محرف و مبدل ہے۔ قرآن کریم نے کسی جگہ ایسا نہیں کہا۔ تو پھر ابن اللہ تو ایک محاورہ ہے۔ حضرت مسیح موعود علیہ السلام کا بھی الہام ہے کہ اَنْتَ مِنِّیْ بَمَنْزِلَۃِ وَلَدِیْ ۱۲؎ اس کا یہی مطلب ہے کہ حضرت مسیح موعود کا خدا تعالیٰ کے نزدیک وہی درجہ ہے جو اگر کوئی اُس کا ولد ہوتا تو اُس کا ہوتا۔ یہ آپ کی منزلت بتانے کے لئے اُسی طرح کہاگیا ہے جس طرح قرآن کریم میں خدا تعالیٰ نے آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کے فعل کو اپنا فعل قرار دے کر آپ کا درجہ بتایا ہے نہ کہ خدا قرار دیا ہے۔ فرمایا ۱۳؎ جن لوگوں نے تیری بیعت کی دراصل اُنہوں نے اللہ کی بیعت کی ہے اور اللہ کا ہاتھ ان کے ہاتھوں کے اُوپر ہے۔ اس آیت سے کوئی نادان آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کو خدا نہیں کہہ سکتا بلکہ اس کا مطلب یہ ہے کہ وہ لوگ جنہوں نے آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کے ہاتھ پر بیعت کی وہ اُنہی انعامات کے مستحق ہو گئے جن کے خدا سے بیعت کرنے پر مستحق ہوسکتے تھے۔ پھر ایک اَور آیت ہے جو یہ ہے۱۴؎ کہ جب تو نے پھینکا تو تُو نے نہیں پھینکا( یہاں خد اتعالیٰ نے آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کو الگ وجود قرار دیا ہے اور تو کا لفظ اِس کو واضح کر رہا ہے)بلکہ خدا نے مٹھی پھینکی تھی ۔اِس میں بھی خدا تعالیٰ نے رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کو خدا نہیں قرار دیا بلکہ ایک غیر کہہ کر پھر اس بات کو بتایا ہے کہ خدا کے پھینکنے پر جو نتیجہ برآمد ہو سکتا تھا وہی تیرے پھینکنے سے ہوا ۔ پس یہ غلط ہے کہ آنحضرتؐ کو قرآن کریم میں کہیں خدا کہا گیا ہے۔ باقی رہی بائبل وہ محفوظ ہی کہاں ہے کہ اس کی دلیل مانی جائے۔ پھر اگر ہے تو مسیحؑ کو نبی کہنے اور مسیح کوا بن اللہ کہنے میں بہت فرق ہے کیونکہ نبی کی لغت میں وہی تعریف ہے جو ہم کہتے ہیں لیکن ابن اللہ کے متعلق لغت کچھ نہیں بتا سکتی۔ اب ہم جو کچھ کہتے ہیں اس سے اگر کسی کو دھوکا لگتا ہے تو وہ معذور نہیں ہے کیونکہ جو ہم کہتے ہیں وہی لغت کہتی ہے۔ ہاں اگر لغت ہمارے خلاف ہوتی تو وہ معذور ہوتے۔ مثلاً کوئی کہے کہ اینٹ کے معنی گھوڑا ہے تو ہم اسے کہیں گے کہ ایسا نہیں کہنا چاہئے اس لئے لوگوں کو دھوکا لگتا ہے لیکن ایک درست بات کے متعلق کسی کو نہیں روکا جا سکتا۔
اس مسئلہ کے متعلق بہت سے ایسے لوگ ہیں جو ابھی اچھی طرح واقف نہیں ہوئے۔ میرا خیال ہے کہ نبوت کے متعلق قرآن اور حدیث سے بحث کروں اور بتائوں کہ قرآن کریم اور آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کے اقوال سے پتہ لگتا ہے کہ حضرت مسیح موعودؑ نبی تھے اور آئندہ بھی نبی آئیں گے۔ یہ تو جب ہو گا ہو گا لیکن میں چاہتاہوں کہ ہماری جماعت کے وہ لوگ جنہیں علم دیاگیا ہے وہ اس مسئلہ کے متعلق لکھتے رہیں ۔غیر مبائعین سے مقابلہ ا ب صرف اسی بات پر آرہا ہے باقی سب طرفوں سے وہ بھاگ گئے ہیں اس لئے ہمارے علماء کو چاہئے کہ بار بار اِس مسئلہ کے متعلق لکھتے رہیں۔ میں نے حقیقۃ النبوۃ میں بہت کچھ لکھ دیا ہے لیکن ایک بڑی کتاب کو لوگ بار بار نہیں پڑھ سکتے لیکن اگر اخبار میں مختلف پیرائوں میں اس کے متعلق لکھا جائے تو پڑھتے رہیں گے۔
میرے نزدیک تو اسلام کے لئے وہ دن موت کا دن ہو گا جبکہ تمام مسلمان یہ سمجھ لیں گے کہ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کے بعد کوئی نبی نہیں آئے گا۔ میں توایک منٹ کے لئے بھی یہ خیال نہیں کر سکتا۔ خط لکھنے والا ایک خط لکھتاہے کہ میں نے ۱۸۸۹ء میں حضرت صاحب کے ہاتھ پر بیعت کی ہوئی ہے اور دوسرا کہتا ہے کہ میں نے ۱۸۹۶ء میں بیعت کی ہے۔ گویا اس لئے ہماری رائے وزن دار ہے کہ ہم نے فلاں سن میں بیعت کی ہے لیکن یہ دونوں شخص ایسے ہیں کہ جب اُنہوں نے بیعت کی ہے ایک ایک یا دودو دفعہ یہاں آئے ہیں۔میں کہتا ہوں ایسے لوگ جو نہ حضرت صاحب کے پاس آئے اور نہ آپ کی صحبت میں رہے وہ اگر ۱۸۸۶ء میں (اگر اُس وقت حضرت صاحب بیعت لیتے) بیعت کر لیتے تو پھر کیا تھا ۳۱۳ میں اسّی فیصدی ایسے ہیں جو میری بیعت میں داخل ہیں پھر ان کا عقیدہ کیوں ان سے وزن دار نہیں ہے۔
ہم حضرت صاحب کو نبی کہتے ہیں اور عَلَی الْاِعْلَان کہتے ہیں۔ مسلم میں آیا ہے کہ ہر نبی کے لئے ایک ایسی دعا ہوتی ہے وہ جس طرح کی جاتی ہے اُسی طرح قبول ہو جاتی ہے۔ ۱۵؎ مجددوں اور محدثوں کے لئے یہ ہرگز نہیں آیا ۔
حضرت مولوی صاحب خلیفہ اوّل نے مجھے ایک دفعہ کہا جائوجا کر حضرت صاحب سے پوچھو کہ آپ نے وہ دعا کی ہے یا نہیں؟ میں نے پوچھا تو آپ نے فرمایا کہ نہیں۔ پھر مولوی صاحب نے کہا کہ اب جا کر پوچھو کسی بات کے متعلق وہ دعاکرنے کا ارادہ بھی رکھتے ہیں یا نہیں۔ آپ نے فرمایا کہ دنیا میں رسول اللہؐ نے بھی وہ دعا نہیں کی تھی ۱۶؎ میں بھی نہیں کروں گا بلکہ قیامت میں کروں گا۔
اگر حضرت صاحب نبی نہیں تھے تو میرے پوچھنے پر آپ مجھے ڈانٹتے کہ میں نبی نہیں ہوں پھر تم مجھ سے یہ سوال کیوں کرتے ہو لیکن آپ نے ایسانہیں کیابلکہ ایسا جواب دیا جو آپ کی نبوت کی تصدیق کرتا ہے۔
ایسی ایسی گواہیوں کے ہوتے ہوئے اگر کوئی ۱۸۸۹ یا ۱۸۹۶ ء میں بیعت کرنے والا اس کے خلاف کہتا ہے تو ہم کہیں گے کہ غلط کہتا ہے۔ مجھے حضرت مسیح موعود علیہ السلام کو نبی کہنے پر ایسا ہی یقین ہے جیسا کہ ایک اور ایک دو ہونے پر ۔یہی وجہ ہے کہ میں غیر مبائعین کو کہتا ہوں کہ مقابلہ پر آکر مباہلہ کر لیں۔ یہ توا ن کے لئے ہے جو کچھ حیثیت رکھتے ہیں اور جو ایسے نہیں ان کو بھی اجازت ہے کہ وہ اپنی طرف سے اعلان کر دیں کہ جو جھوٹا ہے وہ ہلاک ہو جائے۔ اگر ایسا نہیں کرنا چاہتے تو اپنے لیڈر کو میدان میں نکالیں۔ مجھے تو ذرا بھی خیال نہیں آتا کہ حضرت مسیح موعود نبی نہ تھے۔ ہم آپ کے سامنے آپ کو نبی کہتے رہے ہیں۔ ایک دفعہ کسی نے کہا کہ آپ بھی ایسے ہی ہیں جیسے کہ پہلے مجدد تھے؟ آپ لیٹے ہوئے تھے اُٹھ بیٹھے اور کہا کہ میں نبی ہوں اور نبی مبالغہ کا صیغہ ہے۔ مجھ سے پہلے اس اُمت میں کون ایسا ہوا ہے جو کثرت سے غیب کی خبریں دیتا تھا؟ اِس سے معلوم کر لو کہ آپ نبی تھے یا نہیں؟ کوئی آپ کو پہلے مجددوں کی طرح سمجھتا ہے تو دیکھ لے کہ کدھر جا رہا ہے۔
خیرا خیر میں میَں پھر اِس بات کی طرف اپنی جماعت کو توجہ دلاتا ہوں اور یہاں اور باہر کے رہنے والوں کو اِس طرف متوجہ کرتا ہوں کہ وہ مسئلہ نبوت کے متعلق بار بار اخبار میں مضامین لکھتے رہیں اور نہ صرف حضرت مسیح موعودؑ کی کتابوں سے بلکہ قرآن، حدیث اور آئمہ کے اقوال سے۔ اور یہ مضمون اِس کثرت سے شائع ہوتے رہیں کہ لوگوں کو یاد ہو جائیں اور ایسے یا دہوں کہ جن کے بھولنے کی مرنے تک امید نہ ہو۔
ہمیں کسی سے بغض نہیں اور کسی بات سے خاص تعلق نہیں ہمیں تو خدا تعالیٰ سے غرض ہے ہم اس کے خوش کرنے کے لئے ہر ایک بات کو قبول کرنے کے لئے تیار ہیں۔ ہاں دعاکرتے ہیں کہ جس طرح ہمیں اپنے عقائد پر شرح صدر ہے اور خدا تعالیٰ کی طرف سے بتایا گیا ہے کہ یہی درست عقائد ہیں اِسی طرح ان کو بھی جو ہمارے دوست تھے اِن عقائد کے سمجھنے کی توفیق نصیب ہو تاکہ مسیح موعود علیہ السلام کی صداقت کا اظہار کرنے والی ایک متحدہ جماعت تیار ہو اور درمیان سے فتنہ اور فساد دور ہو جائے۔‘‘ (الفضل ۲۱؍ اکتوبر ۱۹۱۶ئ)
۱؎ المائدۃ: ۹ تا ۱۱
۲؎ القول الفصل صفحہ ۱۲
۳؎ ریویو جلد نمبر ۲ صفحہ ۲۵۷
۴؎ ایک غلطی کا ازالہ صفحہ ۳
۵؎ تذکرہ صفحہ ۳۹۱۔ ایڈیشن چہارم
۶؎ الزحزف:۲۰
۷؎ بنی اسرائیل:۹۴
۸؎ بخاری کتاب المغاری باب غزوۃ خیبر
۹؎ بخاری کتاب المغازی باب غزوۃ خیبر
۱۰؎ البقرۃ:۱۴۴
۱۱؎ یہ حضرت ابوذرؓ کا قول ہے۔ بخاری کتاب العلم باب العلم قبل القول و العمل
۱۲؎ تذکرہ صفحہ ۵۲۶۔ ایڈیشن چہارم
۱۳؎ الفتح:۱۱ ۱۴؎ الانفال:۱۸
۱۵ ؎ بخاری کتاب التوحید باب فی المشیٔۃ والارادۃ
۱۶؎ بخاری کتاب التوحید باب فی المشیٔۃ والارادۃ
۳۳
قرآن کریم میں حضرت مسیح موعود کے زمانہ
کے متعلق پیشگوئی
(فرمودہ ۱۳؍ اکتوبر ۱۹۱۶ئ)
تشہد، تعوذ اورسورہ فاتحہ کے بعد حضور نے مندرجہ ذیل سورہ کی تلاوت کی۔
۱؎
اور فرمایا:۔
’’انسان کی ترقی اور کامیابی کے لئے خدا تعالیٰ نے اِس قدر سامان پیدا کئے ہیں کہ کوئی شخص ان کی حدبندی نہیں کر سکتا۔ اللہ تعالیٰ خود فرماتا ہے کہ اگر تم اس کی نعمتوں کو شمار کرناچاہو تو تمہاری طاقت میں نہیں کہ اُن کو شمار کرسکو۔ ۲؎
پھر فرماتا ہے کہ سمندر اگر سیاہی ہو جائیں اور تمام درخت قلمیں اور ان سے خدا تعالیٰ کی نعمتوں کو لکھنا شروع کیا جائے تو یہ تمام کے تمام صرف ہو جائیں مگر ۔ ۳؎ اللہ تعالیٰ کے کلمات کبھی ختم نہیں ہوسکتے۔ اللہ تعالیٰ کے کلمات اس کی تمام پیدا کی ہوئی مخلوق ہے اور وہ تمام انعامات جو اس نے انسان کے نفع اور فائدہ کے لئے پیدا کئے ہیں سب کلماتُ اللہ ہی ہیں انسان کی کیا طاقت ہے کہ ان کی حدبندی کر سکے اور ان کو شمار میں لا سکے۔ پس جب اس کے انعامات غیر محدود ہیں تو انسان کی ترقی کامیدان کس طرح محدود ہو سکتا ہے وہ بھی غیر محدود ہی ہے اس لئے انسان ترقی بھی غیر محدود ہی کر سکتا ہے لیکن ان کے حصول کے لئے پھر غیر محدود محنت اور مشقت کی ضرورت ہے۔ مثلاً کسی مکان کی بیس سیڑھیاں ہیں تو اس پر چڑھنے کے لئے بیس ہی دفعہ ہر سیڑھی پر گزرنے کے لئے کوشش کرنی پڑے گی تو غیر محدود ترقی حاصل کرنے والے کو غیر محدود محنت اور اَن تھک کوشش کی ضروری ہوتی ہے۔ خداتعالیٰ نے انسان کی ترقی کے لئے بڑے سامان پیدا کئے ہیں پھر ان سامانوں کے ساتھ کچھ ایسے موانع بھی ہوتے ہیں جن کے ذریعہ انسان کوچوکس اور ہوشیار کیا جاتا ہے۔
قاعدہ کی بات ہے کہ تکلیف سے انسان چوکس اور ہوشیار ہوتا ہے اور اس کے برخلاف راحت اور آرام سے غافل اور سست ہوتا ہے اس لئے جتنی تکلیف زیادہ ہواتنا ہی اس کو زیادہ چوکس رہنا پڑتا ہے اور جتنا اس کو زیادہ آرام حاصل ہواُتنا ہی اُس پر زیادہ سستی اور غفلت طاری ہوتی ہے۔ مثلاً شیر کے سامنے اگر کوئی پڑا ہواہو یا کسی اور خوف و خطر کی جگہ میں ہو تو اسے نیند نہیں آتی مگر جب ٹھنڈی جگہ، ٹھنڈا پانی اور نرم بستر پر پنکھا جھلنے والے خدام اس کو میسر آئیں تو بڑی غفلت کی نیند سو جاتا ہے کیونکہ آرام غفلت کا باعث ہوتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ہر نعمت انسان کو غافل کر دیتی ہے مگرا للہ تعالیٰ کے انعامات کے ساتھ کچھ تکالیف بھی ہوتی ہیں جو اُس کو چستی اور ہوشیاری کی طرف لے جاتی ہیں تا وہ انعامات سے راحت اور آرام حاصل کر کے غافل اور سُست نہ ہو جائے۔ جو شخص اِن دونوں باتوں کو مدنظر نہیں رکھتا وہ ترقی اور کامیابی حاصل نہیں کر سکتا۔ انسان کو تکالیف سے یہ یقین ہونا چاہئے کہ اس کو غفلت سے بچانے اور سُستی سے دور رکھنے کے لئے ہیں۔ جو اپنے آپ کو ان مشکلات سے بچانا چاہتا ہے وہ غافل اور سست ہو کر ترقی سے محروم رہ جاتا ہے اور ایسے ہی لوگ ہمیشہ ذلیل اور خوار ہوتے ہیں ورنہ خدا تعالیٰ نے انسان کو ذلت اور رُسوائی کے لئے نہیں بلکہ بڑے انعامات کے لئے پیدا کیا ہے۔ لیکن اس میں وہی کامیاب ہو سکتا ہے جو مشکلات اور مصائب کو بھی برداشت کرتا ہے۔ اور ان مشکلات اور تکالیف کو انعام کے ساتھ رکھنے کی غرض صرف یہی ہے کہ انسان غافل اور سست نہ ہو جائے۔ پس کامیابی کے لئے ضروری ہے کہ نہ تو انسان تکالیف سے گھبرائے اور نہ ہی انعامات سے آرام میں پڑ کر خدا تعالیٰ سے غافل ہو جائے۔
اس سورۃ میں خدا تعالیٰ نے ان مشکلات سے بچنے کاایک طریق بیان کیا ہے۔ فرمایا تمہارے راستے میں بڑی مشکلات ہیں۔ ہر ایک اچھی چیز میں بھی انسان کے لئے کوئی نہ کوئی پہلو ٹھوکر کا ہوتا ہے حتیٰ کہ اللہ کی ذات جو انسان کے حق میں بہت مفید اور بابرکت ہے اور ہمیشہ اس کے لئے فائدہ ہی فائدہ چاہتی ہے اس میں بھی یہ ٹھوکر کھا جاتا ہے۔ کبھی ا سکی صفات کو نہ سمجھنے اور کبھی اس کی قدرتوں اور طاقتوں کے نہ جاننے کے باعث وہ گمراہی اور ضلالت کے گڑھے میں گر جاتا اور راہِ راست سے دور جاپڑتا ہے۔ یہی کھانا جو انسان کے لئے قوت اور طاقت کا باعث بلکہ انسانی زندگی کا انحصار اسی پر ہوتا ہے جب کوئی اسے حدسے زیادہ استعمال کر لیتا ہے تو یہی اس کے لئے نقصان دہ اور ہلاکت کا باعث ہو جاتا ہے۔
ہندوئوں کے ہاں شرادھ ہوتے ہیں۔سنا گیا ہے بعض وقت شرطیں لگا لگا کر پنڈت اتنا کھاجاتے ہیں کہ پیٹ پھٹ جاتا ہے۔ حضرت مسیح موعود علیہ السلام فرماتے ہیں کہ ایک برہمنی کسی خاندان میں بیاہی گئی ایک روز اس کی ساس نے اُس کو کہا کہ اپنے سسر کے لئے بستر بچھا چھوڑو کہ وہ آج شرادھ کھانے گیا ہے جب کھا کر آتا ہے تو بیٹھ نہیں سکتا۔ یہ سن کر بہو رونے اور پیٹنے لگی کہ میں کن کمینوںکے ہاں بیاہی گئی ہوں ہماری قوم کی تو اُنہوں نے ناک کاٹ دی۔ ساس نے پوچھا تم کیوں روتی پیٹیی ہو؟ کہنے لگی تمہارے ہاں میرے بیاہے جانے سے تو ہمارے خاندا ن کی ناک کٹ گئی ہے۔ ہمارے خاندان سے تو جو کوئی شرادھ کھانے جاتا ہے وہ خود چل کر گھر نہیں آسکتا بلکہ چارپائی پر اُٹھا کر اسے لانا پڑتا ہے اور تم کہتی ہو کہ وہ شرادھ کھا کر آتے ہیں تو بیٹھ نہیں سکتے۔ انہیں تو اتنا کھانا چاہئے کہ چل کر آبھی نہ سکیں۔ کھانا عمدہ چیز ہے مگر دیکھو اس کی بد استعمالی نے اسے لوگوں کو کیسا نکما اور سست کر دیا۔
اسی طرح بعض لباس بھی بڑی سستی اور غفلت کا باعث ہوتے ہیں۔ بعض لوگ تو اس قسم کا لباس استعمال کرتے ہیں کہ ذرا سی تکلیف بھی برداشت نہیں کر سکتے ۔جو لوگ کالر لگاتے ہیں وضو کرنا ان کے لئے ناقابل برداشت تکلیف ہو جاتی ہے۔ انہیں یہی فکر د امنگیر ہوتی ہے کہ کالر کو کہیں گیلی اُنگلی نہ چھو جائے، داڑھی کو اچھی طرح دھونا اورخلال کرنا ان کے لئے مصیبت ہوتی ہے اس لئے اکثر تو داڑھی منڈا ہی دیتے ہیں او ر جو رکھتے ہیں وہ بھی بہت چھوٹی۔ اسی طرح پتلون ہے اکثر دیکھاگیا ہے کہ پتلون پہننے والے کو نماز کی صورت بدلنی ہی پڑتی ہے تاکہ کہیں پتلون میں بل نہ آجائے۔ اسی قسم کے لباس انسان کو عیش پسند اور آرام طلب بنا کر سست اور غافل کر دیتے ہیں۔
پھر پینے کی چیزیں ہیں جو کیا جسمانی اور کیا روحانی دونوں رنگ میں انسان کے لئے مضر ہوتی ہیں۔ یہ اس لحاظ سے بُری نہیں کہ خدا نے ان کو بُرا بنایا ہے بلکہ ان میں برائی جو پیدا ہو گئی ہے تو ان کے بد استعمال کی وجہ سے سے پیدا ہو گئی ہے۔
یہ آیات جو میں نے پڑھی ہیںان میں خدا نے یہاں لفظ ہی ایسے رکھے ہیںجو ہر چیز کے شر اور نقصان سے بچنے کیلئے استعمال ہوئے ہیں۔ کہ رَبُّ الْفلق کے حضور تم پناہ مانگو کہ وہ ان تمام اشیاء کے بد نتائج سے جو انسان کی سستی اور غفلت کی وجہ سے پیدا ہو جاتے ہیں تم کو اُن سے محفوظ رکھے۔ پھر چونکہ ظلمتیں بھی انسان کے لئے گمراہی کا باعث ہوتی ہیں اس لئے فرمایا کہ جب تم ظلمت اور اندھیرے میں پڑ جائو تو روشنیوں کا پیدا کرنے والا ربّ ہے اس سے پناہ مانگو تا وہ تم کو ظلمت سے نکال کر روشنی میں لاوے۔ فَلَقْکے معنی پَو پھٹنے کا وقت اور تمام مخلوقات کے بھی ہیں۔ تو فرمایا تم تمام مخلوقات کا جو خدا ہے اس کے حضور پناہ مانگو کہ جو کچھ اس نے پیدا کیا اور اس سے جو بدنتائج پیدا ہو سکتے ہیں اُن سے وہ تم کو محفوظ رکھے کیونکہ تمام چیزیں جو اس کی پیدا کی ہوئی ہیں جب انسان ان کا غلط استعمال کر بیٹھتا ہے تو وہ اس کے لئے مضر اور نقصان دہ ہو جاتی ہیں اس لئے تم کو ان کے پیدا کرنے والے کی طرف توجہ کرنی چاہئے ۔بہت سے انسان ہیں جو عیاشی میں پڑ کر حد سے گزرجاتے ہیں جب اس کے بدنتائج کا منہ دیکھتے اور تکلیف اٹھاتے ہیںتو پھر بے اختیار خدا کی طرف رجوع کرتے ہیں۔
یورپ کو دیکھو کس قدر ترقی کی، اپنے سامانوں اور اپنی ایجادوں پر کس قدر اس کو ناز اور فخر تھا لیکن آج وہی سامان وہی ایجادیں وہی علوم اس کی ہلاکت کا موجب ہو رہے ہیں۔ ان کو ہر روز یہی فکر لگی رہتی ہے کہ معلوم نہیں سائنس آج کونسا موت کا آلہ ہمارے لئے تیار کرتی ہے۔ پس ثابت ہوا کہ جس قدر اشیاء پائی جاتی ہیں اگر ان سے نفع حاصل ہوتا ہے تو ضرر بھی ان میں ضرور ہے اس لئے ان کے پیدا کرنے والے کی طرف توجہ کرنی چاہئے تاکہ ان کے نقصانات سے محفوظ رہیں۔ آرام کے وقت انسان کم ہی نعمت کی قدر کرتا ہے۔ جب تک آنکھوں میں نور ہے دوسروں کی عیب چینیاں کرتا اور جب بینائی جاتی رہتی ہے تو پھر پشیمان ہوتا اور افسوس کرتا ہے۔ جب تک زبان میں قوت ذائقہ ہے کہتا ہے فلاں چیز کا ذائقہ اچھا نہیںفلاں چیز بدمزہ ہے لیکن جب زبان کی وہ قوت ہی جاتی رہتی ہے تو کہتا ہے کاش! معمولی مزہ ہی زبان میں ہو۔
پس ان تمام اشیاء میں جو شرور ہیں ان کو او رجوجو اُن میں تکالیف ہیں اِن کو دیکھتے ہوئے رَبُّ الْفَلَقِ ہی تمہارا ملجاء وماوٰی ہونا چاہئے اور اُسی کے حضور پناہ لے کر تم ان مشکلات کے بدنتائج سے بچ سکتے ہو۔ تو فرمایا پناہ مانگو یعنی خالق اشیاء کے حضور۔ جو کچھ بھی اس نے پیدا کیا ہے اس کے شر سے تاکہ جو ان اشیاء کی بد استعمالی کی وجہ سے بد نتائج پیدا ہونے والے ہوں اُن سے وہ تم کو محفوظ رکھے اور پناہ مانگو یعنی روشنی کے پیدا کرنے والے کے حضور ۔ تمام اندھیروں کے شرور سے۔ اندھیرے وہ ہیں جو انسان اپنی غفلت کے باعث مختلف نامرادیاں اور ناکامیاں دیکھتا ہے اور شرور سے مراد دکھ اور تکلیفیں ہیں۔ جب انسان صرف انہی اشیاء سے تعلق لگا کر یہ سب مصائب دیکھتا اور دکھ اٹھاتا ہے تو مجبور ہو کر اس کو خدا کی طرف توجہ کرنی پڑتی ہے۔
میرے نزدیک اس سورۃ فاتحہ میں حضرت مسیح موعود کے زمانہ کی پیشگوئی کی گئی ہے اور یہ وہی وقت ہے جس کا اس میں ذکر کیاگیا ہے کیونکہ آج ہی وہ زمانہ آیا ہے جس میں ہر قسم کے شر اور اندھیرے رونما ہوئے ہیں۔ فساد کی کوئی حد نہیں، حسد نے دلوں کو کھا لیا ہے، بغاوت نے راحت و آرام کھو دیا ہے ان سب امور کی بد انجامیوں سے بچنے کے لئے جو لوگوں کی بداستعمالیوں کی وجہ سے پیدا ہو گئے ہیں صرف یہی صورت ہے کہ تم خدا کی طرف۔ دوڑو اور یہ فساد اسی لئے اُٹھے ہیں کہ تا تم اس کی طرف جھکو۔ اِس میں بتایا گیا ہے کہ ان نقصانات کو دیکھ کر بے اختیار اس وقت کہہ اُٹھیں گے ہم تیری ہی پناہ میں آتے ہیں۔ جس قدر ہم اِن اشیاء کی طرف جھکے اُسی قدر تجھ سے دور ہوئے اب ان سے نقصان اُٹھا کر پھر تیری طرف ہم متوجہ ہوتے ہیں تو ہماری دستگیری فرما۔
میں سمجھتا ہوں مسلمانوں کے لئے یہ سورۃ بڑی قابل توجہ ہے۔ا ن کا نور کو چھوڑ کر ظلمت کی طرف جانا پھر آپس میں حسد ، بغض اور عداوت، ایک دوسرے کے خلاف منصوبے کرنا یہی ہمیشہ ان کی ہلاکت کا باعث ہوئے۔ حضرت صاحب بارہا ان کو ان الفاظ سے مخاطب کرتے کہ دیکھو کہ تمام اشیاء تمہارے لئے ہلاکت کا باعث ہور ہی ہیں طاعون نے تمہاری زندگیاں تلخ کر دی ہیں، قحط سالی نے تمہاری آنکھوں کے آگے دنیا اندھیر کر دی ہے، تم جس طریق سے عزت چاہتے ہو اُس سے تمہارے لئے ذلت کا سامنا ہوتا ہے۔ تم چاہتے ہو عروج ہو اور ہوتا زوال ہے غرض جو اَسباب بھی تم استعمال میں لاتے ہو تمہارے خلاف ہی نتائج پیدا کرتے ہیں تو پھر تم اب بھی کیوں نہیں خدا کی طرف رجوع کرتے!! مگر مسلمانوں کی طرف سے یہی جواب ملتا رہا قحط اور بیماریاں ہمیشہ ہوتی آئی ہیں یہ کوئی نئی بات نہیں ۔ معلوم ہوتا ہے ان کی قسمت میں ابھی اَور بہت کچھ مصائب لکھے ہیں۔ جب تک وہ سب اپنی آنکھوں سے دیکھ نہ لیں خدا کی طرف رجوع نہیں لائیں گے۔
میں نے ایک ٹریکٹ بنگال میں تقسیم کرنے کے لئے شائع کیا تھا۔ ایک شخص نے اُسے پڑھ کر مجھے خط لکھا کہ تم جو اِس بات پر زور دیتے ہو کہ مہدی آگیا ، مسیح آگیا ، مہدی کس طرح آسکتا ہے جبکہ ابھی ایک حکومت مسلمانوں کی باقی ہے۔ چند ہی روز گزرے کہ ترک بھی شریک جنگ ہو گئے اور خدا نے کہا کہ یہ برائے نام حکومت اور تھوڑی سے نعمت بھی جو تم رکھنا نہیں چاہتے وہ بھی ہم چھین لیتے ہیں۔ اب تک بہت سا علاقہ ان کے قبضہ سے نکل چکا ہے۔ اگر بفرضِ محال جنگ کے خاتمہ تک وہ بچ بھی رہے تو کیا طاقت باقی رہے گی؟ نہ ہونے کے برابر ہو گی۔
ہماری جماعت اس لحاظ سے تو ترقی پر ہے کہ دنیا کی محبت سے ان کے دل سردہیں مگر اس سورۃ کے پچھلے حصے سے مجھے خوف آتا ہے کہ ابھی تک یہ بات ان میں پیدا نہیں ہوئی۔ حسد اور عداوت ذرا ذرا سی باتوں پر لڑائیاں اور جھگڑے پیدا ہوجاتے ہیں۔ کے معنی چپکے سے کانوں میں کچھ پھونک دینا۔ وہ لوگ ہیں جو چپکے چپکے ایک دوسرے کے کان میں کچھ کہہ کہلا کر تعلقات اور دوستیاں تڑوا دیتے ہیں اور بجائے دوست کے ایک دوسرے کا دشمن بنا دیتے ہیں۔ سچی دوستی اور محبت دنیا میں ہی مفید نہیں ہوتی بلکہ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا ہے کہ دنیا میں سچی دوستی اور محبت کرنے والے قیامت کے روز اللہ تعالیٰ کے عرش کے سایہ کے نیچے ہوں گے ۔ تو فرمایا ان کے شر سے محفوظ رہنے کے لئے بھی تم اللہ ہی کے حضور پناہ مانگو۔
ہماری جماعت کو اس بات کی طرف بہت کم توجہ ہے اللہ تعالیٰ ہم کو تمام اشیاء کے بد نتائج سے محفوظ رکھے اور ہم کو ہر قسم کے اندھیروں سے نکال کر روشنی کی طرف راہنمائی کرے اور کوئی شخص ہم میں دوستیوں اور محبتوں کو قطع کرنے والا نہ ہو اور ایک دوسرے کی ترقی کو دیکھ کر ہمارے دل میں حسد پیدا نہ ہو بلکہ ہم خوش ہوں کہ ہمارے بھائی کو خدا نے یہ ترقی دی ہے۔‘‘
(الفضل ۳۱؍ اکتوبر ۱۹۱۶ئ)
۱؎ الفلق: ۲ تا آخر ۲؎ النحل: ۱۹ ۳؎ لقمان: ۲۸
۳۴
دیگر مذاہب پر اسلام کی فضلیت
(فرمودہ ۲۰؍ اکتوبر ۱۹۱۶ئ)
تشہد، تعوذ اورسورہ فاتحہ کے بعد حضور نے مندرجہ ذیل آیات کی:۔
۱؎
اور فرمایا:۔
’’اسلام کو اللہ تعالیٰ کے فضل سے دیگر مذاہب پر جو فضیلتیں حاصل ہیں ان میں سے ایک یہ بھی ہے کہ اس میں ایسے مسائل جو ہیں تو جزوی لیکن تمدن یا اخلاق یا عظمت الٰہی یا اللہ تعالیٰ کی محبت کے پیدا کرنے میںاُن کا بڑا دخل یا اثر ہے ان کو بالتفصیل بیان کرتا ہے اوریہ فضلیت ایک ایسی بین اور روشن فضیلت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے زمانہ میں بھی جبکہ ابتدائی زمانہ تھا اور لوگوں کا حسد اور بغض بہت بڑھا ہو اتھا اور بعد میں بھی جبکہ اسلام کے متعلق مخالفین کے دلوں میں غصہ اور کینہ بہت سرایت کر گیا تھا اِس کو تسلیم کیا گیا ہے۔ چنانچہ یہود کے متعلق حدیث میں آتا ہے کہ ان کو اس بات کا اقرار تھا اور وہ یہ کہتے کہ اسلام نے جس تفصیل سے باتیں بیان کی ہیں اور کسی مذہب نے نہیں کیں۔ ۲؎ گویا ان کو اسلام کی ایسی باتوں پر رشک آتا ہے اور کسی نے کہا ہے اَلْفَضْلُ مَاشَھِدَتْ بِہِ الْاَعْدَائُ کہ خوبی وہی ہوتی ہے جس کا اقرار دشمن کرے۔ تو دشمنوں نے بھی اِس بات کا اقرار کیا ہے کہ اسلام میں جزوی مسائل کے متعلق بھی اس طرح کھول کھول کر بتا دیا گیا ہے جن سے مسلمان بہت فوائد حاصل کر سکتے ہیں۔ اس زمانہ میں مسلمانوں کے دین سے بعد ہو جانے کی وجہ سے وہ تمدن جو رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم اور قرآن کریم نے قائم کیا تھا بہت کمزور ہو رہا ہے اور باوجود اس کے کہ اسلام نے تمام مسائل کو ایسے تفصیلی رنگ میں بیان کر دیا ہے کہ جس کی نظیر کسی اَور مذہب میں نہیں پائی جاتی تاہم مسلمان دن بدن گرتے جارہے ہیں۔ احکام کے لحاظ سے تو کسی مذہب کی کوئی کتاب قرآن کریم اور احادیث کا مقابلہ نہیں کر سکتی لیکن اب مسلمان عمل کے لحاظ سے تمام لوگوں سے پیچھے ہیں۔ وحشت ، خود پسندی،لڑائی جھگڑے ان میں بہت بڑھ گئے ہیں۔ مدنیت کو چھوڑ کر بدویت کی طرف جھک گئے ہیں۔
اسلام تمدن سکھانے والا مذہب ہے اور انسان کوتمدن سے وابستہ کر دیتا ہے اس کا ثبوت اس سے ہی ملتا ہے کہ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا ہے کہ فتن کے وقت مومن کو چاہئے کہ جنگل میں چلا جائے۔ ۳؎ یعنی ایسے وقت جبکہ ضلالت اور گمراہی حد سے بڑھ گئی ہو اور اس کا علاج سوائے خدا کے کسی فرستادہ کے اَور کوئی نہ کر سکتا ہو تو چاہئے کہ عام لوگوں سے علیحدہ ہو جائے۔ اس سے پتہ لگا کہ مومن کا اصل کام تو یہی ہے کہ لوگوں میں رہے، ان سے تعلقات رکھے ہاں سخت تاریکی کے وقت اسے علیحدہ ہو جانا چاہئے۔ اگر ایسی حالت نہ ہو تو پھر یہی بہتر اور ضروری ہے کہ لوگوں میں رہے۔ تمدنی تعلقات بڑھائے، انہیں اسلام کی تعلیم دے، تو تمدن اور اسلام دونوں ساتھ ساتھ چلتے ہیں جہاں اسلام ہو گا وہاں تمدن بھی ہو گا۔ ہاں اگر کوئی اسلامی احکام کے خلاف کرتا ہے اور پھر تمدن نہیں رہتا تو یہ اسلام کا قصور نہیں بلکہ اس کا اپنا قصور ہے۔ا گر کوئی شخص کھانا نہ کھائے اور کہے کہ میرا پیٹ نہیں بھرتا تو ہم کہیں گے کہ یہ کس طرح ہو سکتا ہے کہ کھانا کھائے بغیر پیٹ بھر جائے۔ ہاں اگر کوئی کھانا کھائے جائے اور پھر پیٹ نہ بھرے تو پھر یہ اسے کہنے کا حق ہو سکتا ہے کہ یہ کھانا ہی ردّی ہے۔ اسی طرح اگر کوئی قوم اسلامی قواعد پر عمل ہی نہیں کرتی تو اس کی کمزوری اور نااہلی اسلام کی کمزوری نہیں ہو سکتی کیونکہ وہ اس پر عمل ہی نہیں کرتی ہاں اگر وہ عمل کرے اور درست طریق سے عمل کرے پھر کمزور کی کمزور ہی رہے تو کہا جائے گا کہ اس تعلیم کا نقص ہے لیکن اِس وقت تک دنیا میں کوئی قوم ایسی نہیں ہوئی کہ جو اسلام کے بتائے ہوئے قوانین تمدن پر چلی ہو اور پھر وہ اعلیٰ درجہ کی متمدن نہ ہو گئی ہو۔ اِس زمانہ میں مسلمانوں کی جو حالت ہے اس کی وجہ یہی ہے کہ وہ اسلامی قواعد پر عمل نہیں کرتے اور ان سے دور چلے گئے ہیں۔
تمام ہندوستان میں یہ بات نظر آتی ہے کہ مسلمان اَلسَّلَامُ عَلَیْکُمْ کہنے کو عیب سمجھتے ہیں اور بہت ایسے ہیں کہ جن کو اگر اَلسَّلَامُ عَلَیْکُم کہہ دیا جائے تو لڑ پڑتے ہیں کہ کیا ہمیں تم دھنیا یاجو لاہا سمجھتے ہو۔ گویا ان کے نزدیک اَلسَّلَامُ ایک ایسی معیوب بات ہے جو صرف جولاہوں اور دھنیوں کے لئے استعمال کی جا سکتی ہے دوسروں کے لئے نہیں۔ بعض اسلامی ریاستوں میں تو یہ حکم جاری کر دیا گیا ہے کہ والئی ریاست کو ا اَلسَّلَامُ عَلَیْکُمکہنا ہتک سمجھی جائے گی اور اگر کسی نے کہا تو اسے سزا دی جائے گی ہاں کورنش بجا لانا چاہئے۔ چنانچہ ممکن نہیںکہ جو لوگ ایسے والیانِ ریاست کوملنے جاتے ہیں اس کے خلاف کر سکیں وہ اَلسَّلَامُ عَلَیْکُمکبھی نہیں کہہ سکتے کہ اس سے ہتک سمجھی جاتی ہے۔اس سے پتہ لگ سکتا ہے کہ مسلمان کہاں تک اسلام سے دور ہو گئے ہیں۔ نہ صرف یہ کہ ان میں اَلسَّلَامُ عَلَیْکُم کہنے کا رواج اور عمل نہیں رہا بلکہ اس پر عمل کرنا ہتک سمجھا جاتا ہے اور جہاں انہیں اختیار حاصل ہے وہاں اس پر سزا دینے کے لئے تیار ہیں۔ پھر اگر کوئی لاعلمی کی وجہ سے اَلسَّلَامُ عَلَیْکُمکہہ دے تو کہتے ہیں کہ یہ کیا پتھر کی طرح اُٹھا کر مار دیا۔ کیا تم میں اتنی بھی تہذیب نہیں کہ بڑوں کو اَلسَّلَامُ عَلَیْکُمکہتے ہو۔ ’’آداب عرض‘‘ کہنا چاہئے اس پر وہ خوش ہوتے ہیں۔
ایک دفعہ ہم دہلی گئے۔ جن کے گھر ہم ٹھہرے ہوئے تھے ان کا ایک چھوٹا سا لڑکا تھا اس کو میں نے علیحدہ لے جا کر خوب اچھی طرح سکھا دیا کہ اَلسَّلَامُ عَلَیْکُم کہا کرو آداب عرض نہ کہا کرو۔ ایک دفعہ ہم باہر سے جو گھر آئے تو اس لڑکے نے کہا اَلسَّلَامُ عَلَیْکُم ہم نے وَعَلَیْکُمُ السَّلَامُ کہا۔ تھوڑی دیر بعد معلوم ہوا کہ ایک کونہ سے اس بچے کے رونے کی آواز آرہی ہے دریافت کرنے پر معلوم ہوا کہ اس کی اماں اس بچے کو آہستہ آہستہ اس لئے مار رہی ہے کہ تم نے بڑوں کو اَلسَّلَامُ عَلَیْکُم کیوں کہا۔ ہم نے کہا اس بیچارے کا کوئی قصور نہیں یہ تو ہم نے ہی اسے سکھایا ہے۔ تو اَلسَّلَامُ عَلَیْکُم کہنا بڑی ہتک سمجھی جاتی ہے اور کہا جاتا ہے کہ یہ شرفاء کا طریق نہیں ہے حالانکہ اصل میں یہی شرافت ہے۔ ’’آداب عرض‘‘ کے معنی ہی کیا ہوئے ایک فضول اور لغو سا فقرہ ہے لیکن اَلسَّلَامُ عَلَیْکُم کہنے میں دعا کی جاتی ہے۔ یہ کہنے والاکہتا تویہ ہے کہ تجھ پر سلامتی ہو لیکن اس فقرہ کا رنگ بدلا ہوا ہے تاکہ آپس میں محبت اور اُلفت کا اظہار ہو۔ اصل میں اس کے یہ معنی ہیں کہ اے اللہ تو اس بندے پر سلامتی نازل کر۔ اب دیکھ لو کہ یہ کہنے سے نیک نتائج نکل سکتے ہیں یا آداب اور تسلیمات کہنے سے۔ اَلسَّلَامُ عَلَیْکُمکہنا تو ایک دعا اور خواہش ہے جو خدا تعالیٰ سے کی جاتی ہے لیکن دوسرے صرف الفاظ ہی الفاظ ہیں معنی کچھ نہیں رکھتے اس لئے جو برکت دعا میں ہے وہ ان میں کہاں ہو سکتی ہے مگر باوجود اس کے مسلمانوں نے اسے ترک کر دیا ہے اور آج سے نہیں بلکہ آج سے بہت عرصہ پہلے سے مدت ہوئی ایک سیاح ابن بطوط ہندوستان میں آئے تھے وہ لکھتے ہیں میں نے دیکھا ہے کہ ہندوستان کے مسلمانوں میں اَلسَّلَامُ عَلَیْکُم کہنے کا طریق نہیں رہا اس کا نتیجہ اچھا نہیں نکلے گا چنانچہ ایسا ہی ہوا۔
اگرچہ یہ اور اسی قسم کی اَور چھوٹی چھوٹی باتیںہیں لیکن درحقیقت یہ بہت بڑی بڑی ہیں۔ یہی دیکھ لو السلام علیکم کہنا ایک معمولی سی بات ہے لیکن نتیجہ کے لحاظ سے کس قدر عظیم الشان ہے۔ دن میں ایک انسان کئی بار دوسروں سے ملتا ہے اگرو ہ تمام کے تمام اسے کہیں کہ خدا کی طرف سے تجھ پر سلامتی ہو تو خیال کر لو کہ اسے کتنا فائدہ ہو سکتا ہے۔لیکن اگر اسے ہزار انسان بھی آداب ، تسلیم اور بندگی وغیرہ کہے تو سوائے اس کے کہ یہ لغو فقرات اس کے سامنے دہرائے جائیں گے اَور کچھ نہیں ہو گا۔
آجکل مسلمان تمدن سے بہت دور ہو چکے ہیں اور اسلام کو چھوڑ کر اَور طرف نکل گئے ہیں اور اَلسَّلَامُ عَلَیْکُم کہنے کو ہتک سمجھتے ہیں حالانکہ اس کی بجائے آداب ، تسلیمات وغیرہ جتنے الفاظ رکھے گئے ہیں و ہ سب لغو ہیں اور سلام ایک دعا ہے لیکن یہ مسلمان میں سے مٹ گئی ہے۔
رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم اپنے خطبات میں اس قسم کی باتوں کو بھی عام طور بیان کرتے تھے تاکہ لوگ ناواقفیت کی وجہ سے صداقت سے دُور اور ان کے فوائد سے محروم نہ رہ جائیں جو پاک تعلیم پر عمل کرنے سے حاصل ہو سکتے ہیں۔ آج مجھے بھی خیال آیا کہ ایسی باتیں جو بظاہر چھوٹی چھوٹی معلوم ہوتی ہیں لیکن ان کا نتیجہ بہت بڑا نکلتا ہے انہیں بیان کیا جائے تاکہ اگر ہماری جماعت میں سے بھی کوئی ان سے ناواقف ہو تو وہ واقف ہو جائے۔ خدا کے فضل سے ہماری جماعت میں اَلسَّلَامُ عَلَیْکُمکہنے کا طریق بہت عمدگی سے رائج ہے گو ہندوستان سے آنے والے لوگوں میں کچھ کمی ہے ایسے لوگوں کو فائدہ پہنچ جائے گا۔ پھر اپنی جماعت کے لوگ دوسرے لوگوں کو یہ باتیں آسانی سے سکھا سکیں گے کیونکہ ہر ایک شخص کو خواہ کوئی ہو نیکی سکھانا اور شریعت اسلام سے واقف کرنا ہمارا فرض ہے اور خاص کر غیر احمدیوں کو کیونکہ جب وہ شریعت سے واقف ہوں گے اور انہیں معلوم ہو جائے گا کہ یہ واقفیت ہمیں احمدی جماعت کی وجہ سے حاصل ہوئی ہے اس لئے وہ احمدی بھی ہو جائیں گے اور یہ ایک ذریعہ ہو گا ان کے احمدی ہو نے کا۔ تو جو لوگ ہماری جماعت میں سے ان باتوں پر عمل کرتے ہیں میرے بیان کرنے سے ان کے دلوں میں خاص اہمیت گڑ جائے گی اور وہ دوسروں کو سمجھانا ضروری سمجھیں گے اور جو ناواقفیت اور لا علمی کی وجہ سے ان پر عمل نہیں کرتے وہ عمل کر کے فائدہ حاصل کریں گے۔
میں نے اِس وقت جو آیتیں پڑھی ہیں ان میں خد اتعالیٰ نے دو ایسے حکم دئیے ہیں جو اگرچہ شریعت کے قوانین نہیں ہیں تمدن سے تعلق رکھتے ہیں مگرا ن پر بہت زور دیا گیا ہے کیونکہ ان کا اثر دین پر پڑتا ہے وہ حکم یہ ہیں۔
اوّل یہ کہ جب کسی مکان میں داخل ہونے لگو تو داخل ہونے سے پہلے مکان میں رہنے والے سے اجازت حاصل کرلو۔ اگر وہ اجازت دے دیں تو داخل ہو جائو۔
دوم یہ کہ جب مکان میں داخل ہو جائو تو انہیں سلام کرو۔
پہلے حکم کے متعلق یہ اور فرمایا کہ اگر اندر آنے کی اجازت نہ ملے تو پھر داخل مت ہو۔ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے اسی کی اور تشریح فرماد ی ہے۔ قرآن کریم نے کہا ہے کہ پہلے اِذن مانگو اَور پھر اگر اجازت پائو تو مکان میں داخل ہو اور اگر اجازت نہ ہو تو نہ داخل ہو۔ اس اِذن مانگنے کی رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے یہ تشریح فرمائی ہے کہ یہ اِذن تین دفعہ مانگو ۔تین دفعہ کے بعد اگر اجازت نہ ملے تو واپس لوٹ آئو۔ ۴؎ یہ نہیں کہ بار بار آوازیں دیتے یا کنڈی کھٹکھٹاتے رہو۔ا گر کسی کو داخل ہونے کی اجازت مل جائے تو اس کے لئے قرآن کریم نے یہ دوسرا حکم دیا ہے کہ ۔ اس کے متعلق رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا ہے وَالَّذِیْ نَفْسِیْ بِیَدِہٖ لَا تَدْ خُلُوا الْجَنَّۃَ حَتّٰی تُؤْمِنُوْا وَلَا تُؤْمِنُوْا حَتَّی تَجَابُّوْا۔ اَوَلَا اَدُلُّکُمْ عَلٰی شَیْئٍ اِذَا فَعَلْتُمُوْہُ تَحَابَبْتُمْ اَفْشُوْا السَّلَامَ بَیْنَکُمْ ۵؎ کہ اسی ذات کی قسم جس کے ہاتھ میں میری جان ہے کہ تم جنت میں نہیں داخل ہو سکتے جب تک مومن نہ ہو اور مومن نہیں ہو سکتے جب تک کہ آپس میں محبت نہ کرو۔اورکیا میں تمہیں آپس میں محبت کرنے کی ترکیب بتائوں؟ وہ یہ کہ آپس میں سلام خوب پھیلائو یعنی کثرت سے ایک دوسرے کو سلام کہو۔
اجازت مانگنے کے متعلق فرمایا کہ تین دفعہ مانگو۔ یہ بات بھی اپنے اندر بہت بڑی حکمت رکھتی ہے ۔بعض ایسے لوگ ہوتے ہیں کہ کسی کے دروازہ پر جا کر ایک بار کھٹکھٹائیں گے یا آواز دیں گے اگر کوئی آواز نہ آئے تو پھر ایسا ہی کریں گے حتی کہ گھنٹہ گھنٹہ اسی طرح کرتے رہیں گے۔ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے اس طرح کرنے سے منع فرمایا ہے اور یہ حکم دیا ہے کہ تین دفعہ آواز یا دستک دو پھر اگر جواب نہ ملے تو واپس آجائو کیونکہ اندر سے اگر کوئی جواب نہیں دیتا تو اس کی کئی وجوہات ہو سکتی ہیں۔ ممکن ہے وہ گھر ہی نہ ہو یا اگر گھر میں ہو تو سویا ہوا ہو۔ اس صورت میں اگر کوئی بار بار آواز دیتا ہے تو اُس کی نیند خراب ہو گی اس لئے اس طرح کرنا پسندیدہ بات نہیں۔یا ایسا بھی ہوتا ہے کہ وہ اس آدمی سے ملنا ہی پسند نہیں کرتا یا اس سے بات کرنا نہیں چاہتا اس لئے کوئی جواب بھی نہیں دے سکتا۔یا کسی ایسی حالت میں ہوتا ہے کہ جواب نہیں دے سکتا۔ا ن تمام صورتوں میں بار بار آواز دینا یا کنڈی کھٹکھٹانا بہت معیوب اور ناپسندیدہ بات ہے اس لئے رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ تین دفعہ آواز پہنچا کر اجازت لینی چاہئے اگرمل جائے توا ندر چلے جائو اور اگر اجازت نہ ملے تو واپس لوٹ جائو یہ نہیںکہ جب تک اندر سے کوئی آواز نہ آئے ٹلنا ہی نہیں۔ اجازت نہ ملنے کے دونوں معنی ہو سکتے ہیں۔ ایک تو یہ کہ کوئی کہہ دے کہ آپ اندر نہ آئیں اِس وقت فرصت نہیں۔ دوسرے یہ کہ کوئی جواب ہی نہ آئے ان دونوں صورتوں میں واپس لَوٹ جانا چاہئے۔
پھر سلام کے متعلق رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ اس کی کثرت کرنی چاہئے۔ کیوں ؟ اس لئے کہ اس طرح آپس میں محبت پیدا ہو گی۔ جب کوئی دوسرے کے لئے سلامتی کی دعا کرتا ہے تو ضرور ہے کہ اس کے دل میں محبت ہو اور جوں جوں وہ زیادہ دعا کرے وہ محبت بھی بڑھتی جائے گی۔ آجکل تو بہت سے لوگ ایسے ہیں جو اَلسَّلَامُ عَلَیْکُمْ کے معنی ہی نہیں سمجھتے ایسے لوگوں کے دلوں میں اگر ایک دوسرے کی محبت پیدا نہ ہو تو اَور بات ہے لیکن جو سمجھتے ان میں ضرور محبت پیدا ہوتی اور بڑھتی جاتی ہے اور جب ایک انسان دوسرے کے لئے دعا کرے گا تو خود اس کے لئے بھی اوردوسرے کے لئے بھی وہ دعا بہت سے فوائد اور برکات کا موجب ہو گی۔ا للہ تعالیٰ اپنی مخلوق سے بہت محبت اور پیار کرتا ہے اس لئے جو کوئی اس کی مخلوق سے محبت کرتا ہے اس سے وہ بھی محبت کرتا ہے۔ تو ایک دوسرے کو کثرت سے سلام کہنے کی وجہ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے یہ فرمائی کہ تمہاری آپس میں محبت ہو گی اور آپس کے تعلقات درست ہوں گے۔ اس کا نتیجہ یہ ہو گا کہ تمہیں ایمان حاصل ہو گا اور جب ایمان حاصل ہو گا تو جنت میں داخل ہو جائو گے۔
اس سے ان لوگوں کو سبق لینا چاہئے جو اپنا کام یہی سمجھتے ہیں کہ دوسروں سے لڑیں اور ایک دوسرے کو لڑائیں۔ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم فرماتے ہیں کوئی شخص اُس وقت تک جنت میں نہیں جا سکتا جب تک اس میں ایمان نہ ہو اور ایمان اُس وقت تک نہیں ہو سکتا جب تک کہ آپس میں محبت نہ ہو اور محبت پیدا کرنے کا طریق ایک دوسرے کو کثرت سے سلام کہنا ہے۔
لڑائی فساد سے ایمان کو بہت صدمہ پہنچتا ہے۔ بہت سے خاندان ایسے ہیں کہ باوجود ایک مذہب کو سچا سمجھنے کے دوسروں کی دشمنی اور عداوت کی وجہ سے اسے چھوڑ دیتے ہیں۔ میں نے اِسی فتنہ پر غور کیا ہے جو ہماری جماعت میں پیدا ہواہے۔ اس میں شامل ہونے والے وہی لوگ ہیں جن کو ذاتی عداوتیں اور رنجشیں تھیں۔ ایک آدمی کی نسبت تو مجھے خوب معلوم ہے اس نے سمجھا ہوا تھا کہ ہمارے خاندان نے کسی موقع پر اس کے ساتھ ہمدردی نہیں کی تھی۔ میں اُس وقت جبکہ اسے وہ واقعہ پیش آیا گھر موجود نہیںتھا کہیں گیا ہوا تھا واپس آکر میں نے اس شخص کو ہمدردی کا خط لکھا جس کا اس نے یہ جواب دیا کہ آپ نے میرے ساتھ بہت ہمدردی کی ہے لیکن فلاں فلاں نے نہیں کی،ان کی یہ بات مجھے مرنے تک نہیں بھولے گی۔ا فسوس کہ یہ خط محفوظ نہ رکھا گیا ورنہ آج خوب کام دیتا۔ ایک اور نے کہا کہ اگر اور کوئی خلیفہ ہوا تو اس کی تو ہم بیعت کر لیں گے لیکن میاں محمود کی بیعت تو خواہ کچھ ہی ہو نہیں کریں گے۔ یہ تو کل کی باتیں ہیں بنی اسرائیل کو دیکھو اُنہوں نے آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کو اِسی لئے نہ مانا کہ یہ ہم میں سے نہیں۔ تو دشمنی اور عداوت کا بہت خطرناک نتیجہ ہے اور اسی وجہ سے کئی لوگ بے دین ہو جاتے ہیں۔
کل ہی ایک شخص کا خط آیا ہے۔ چند دن ہوئے وہ یہاں آیا تھا کہتا تھا کہ مجھے میرا پوتا دے دیا جائے۔ میں نے کہا بچہ کا رکھنا ماں کا حق ہے اگر وہ لے جانے کی اجازت دیتی ہے تو لے جائو۔ اب اس نے جا کر لکھا ہے کہ تم نے قرآن ہی نیا بنا لیا ہے۔ اس کو ایک معمولی بات سے صدمہ پہنچا کہ کیوں خواہ بچے کی ماں روتی اور چلاتی ہی رہتی مجھے بچہ چھین کے نہیں دے دیا گیا اس وجہ سے اس نے لکھ دیا کہ تم نے قرآن ہی نیا بنا لیا ہے۔ اس سے پہلے تو میں جو کچھ کہتا اور کرتا تھا اسے وہ قرآن کریم کے مطابق سمجھتا تھا لیکن اس بات کے فوراً ہی بعد جو کچھ میں کرتا یا کہتا ہوںوہ قرآن مجید کے خلاف ہو گیا ہے اور میں نے نیا قرآن بنا لیا ہے۔ میری ہر بات اسے بُری لگنے لگ گئی ہے۔ تو دنیاوی عداوتوں کا ایمان پر بہت بُرا اثر پڑتا ہے اورجب ایمان ہو تو انسان جنت سے محروم رہ جاتا ہے۔دیکھو یہ چھوٹی سی بات تھی مگر انجام کس قدر بڑا ہے۔
رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا ہے کہ سلام کہنے کا نتیجہ آپس میں محبت ہو گی اور محبت کا نتیجہ ایمان ہو گا اور ایمان کا نتیجہ جنت میں داخل ہونا ہو گا۔ اِس کا اُلٹ یہ ہوا کہ سلام نہ کہنے کا نتیجہ تفرقہ ہو گا اور تفرقہ کا نتیجہ ایمان کا سلب ہونا ہو گا اورایمان کے سلب ہونے کا نتیجہ جنت میں داخل نہ ہونا ہو گا۔ تو سلام کہنا معمولی بات تھی لیکن اس کا نتیجہ یہ نکلتا ہے کہ انسان جنت سے ہی محروم ہو جاتا ہے ۔ یہی وجہ ہے کہ اسلام نے اس بات کو معمولی کر کے نہیں چھوڑ دیا بلکہ بیان کیا ہے اور تفصیل کے ساتھ بیان کیا ہے اور دنیا میں کوئی کتاب ایسی نہیں جس میں اس تفصیل سے بیان کیا گیا ہو صرف اسلام کو ہی یہ شرف حاصل ہے ۔ اس بات پر اگر غیر مذاہب والے رشک کریں تو کیا تعجب کی بات ہے لیکن تعجب ہے ان مسلمانوں پرجو باوجود ایسی تعلیم کے پھر اس پر عمل نہیں کرتے۔
اسلام نے نہایت تفصیل سے کہہ دیا ہے کہ جب کسی کے ہاں جائو تو جا کر آواز دو یا دروازہ کھٹکھٹائو جب اندر سے اجازت مل جائے تو داخل ہو اجازت کے بغیر نہیں۔ اور یہ بھی نہیں کہ اگر کوئی جواب نہ آئے تو الخاموشی نیم رضا پرعمل کر کے اندر چلے جائو۔ یہ کسی کا قول ہے جو بہت دفعہ غلط ثابت ہو جاتا ہے۔ اسلام نے کنواری لڑکی سے نکاح کے متعلق پوچھنے پر خاموشی کو رضامندی قرار دیا ہے ۶؎ لیکن ہر جگہ یہ بات درست نہیں ہو سکتی۔ پھر بعض اوقات ایسا ہوتا ہے کہ گھر والا پوچھتا ہے کون ہے؟ اس کی یہ وجہ ہوتی ہے کہ بعض خاص آدمی ہوتے ہیں ان کے ملنے کے لئے اگر کوئی کام کا حرج بھی کرنا پڑے تو کر دیاجاتا ہے لیکن بعض کے ساتھ ملنا ضروری نہیں ہوتا اس لئے دریافت کیا جاتا ہے تاکہ جیسا آدمی ہو ویسا اسے جواب دیا جائے۔ اس طرح پوچھنے پر آگے سے یہ جواب ملتا ہے کہ میں ہوں۔ ایک دفعہ کسی نے رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے دروازہ پر دستک دی۔ آپؐ نے فرمایا ۔ مَنْ ؟ دستک دینے والے نے کہا اَنَا۔ یعنی میں ہوں۔ آپؐ نے فرمایا کیا میں میں نہیں ہوں؟ یہ کہنے سے میں تم کو کس طرح پہچان لوں؟ ۷؎ پس اگر پوچھا جائے تو اپنا نام بتانا چاہئے تا پوچھنے والا پہچان لے کہ کون ہے۔
پھر بعض لوگ ایسے ہوتے ہیں جو دستک دے کر دروازہ کے سوراخوںسے دیکھتے رہتے ہیں کہ اندر کیا ہور ہا ہے۔ ایک دفعہ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے دروازہ پر دستک دینے والے نے اس طرح کیا۔ آپؐ نے فرمایا یہ مجھے بعد میں پتہ لگا ہے اگر میں اُس وقت دیکھ لیتا تو اس کی آنکھیں پھوڑ دیتا۔
رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم جب کسی مکان پر جا کر دستک دیتے تو اُس کے دوسری طرف منہ کر کے کھڑے ہو جاتے اور جب اندر سے کوئی آتا تو اَلسَّلَامُ عَلَیْکُم کہہ کر اس کی طرف لوٹتے۔ ۹؎ اس طرح کرنا بھی نہایت ضروری ہوتا ہے۔ کئی مکان ایسے ہوتے ہیں کہ ایک ہی کمرہ میں تمام گھر کے آدمی ہوتے ہیں جب اس کا دروازہ کھلتا ہے تو سامنے مستورات بیٹھی ہوتی ہیں اگر کوئی دروازہ کے سامنے منہ کر کے کھڑا ہو گا تو اس کی نظر ضرور اندر پڑ ے گی اور اس طرح بے پر دگی ہو گی۔ اسی وجہ سے رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم دائیں یا بائیں طرف مڑ کر کھڑے ہو جاتے تھے۔
یہ وہ آداب ہیں جو شریعت اسلام سکھاتی ہے۔ گو یہ چھوٹی چھوٹی باتیں ہیں لیکن اگر ان پر عمل کیا جائے تو نہایت ہی سکھ اور آرام کی زندگی حاصل ہو جاتی ہے کیونکہ اسلام کا ہر ایک حکم بہت مفید اور فائدہ رساں ہوتا ہے۔
اگر اللہ تعالیٰ نے چاہا تو پھر بھی ان احکام پر جو تمدن کے متعلق ہیں کبھی کبھی بیان کرتا رہوں گا تاکہ وہی باتیں جو رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم اور قرآن کریم نے بتائی ہیںان پر ہماری جماعت عمل کرے اور دوسروں سے عمل کرائے۔ اللہ تعالیٰ ہماری جماعت کو اس بات کی توفیق دے۔
(الفضل ۴؍ نومبر ۱۹۱۶ئ)
۱ ؎ النور:۲۸،۲۹
۲؎ بخاری کتاب الایمان باب زیادۃ الایمان و تنقیصہ
۳؎ بخاری کتاب الفتن باب التعرب فی الفتن
۴ ؎ بخاری کتاب الاستئذان باب التسلیم و الاستئذان ثلاثا
۵؎ مسلم کتاب الایمان
۶؎ بخاری کتاب النکاح باب لاینکح الاب وغیرہ البکرو الثیب اِلّابِرَضَاھَا
۷؎ بخاری کتاب الاستئذان باب اذا قال من ذافقال اَنَا
۸؎ صحیح مسلم کتاب الادب باب تحریم النظر فی بیت غیرہٖ
۹؎ سُنن ابی داؤد کتاب الادب باب کم مرۃ یسلم الرجل فی الاستئذان
۳۵
دعا کے ساتھ سامان سے کام لینا بھی ضروری ہے
(فرمودہ ۲۷؍ اکتوبر ۱۹۱۶ئ)
تشہد، تعوذ اور سورۃ فاتحہ کے بعد حضور نے فرمایا:۔
’’اللہ تعالیٰ کے فضل اور احسان سے ہی جو کام ہوتا ہے ہوتا ہے لیکن خدا تعالیٰ نے اپنے ارادے اور منشاء کے ماتحت بنی نوع انسان کے لئے کچھ قوانین بھی مقرر فرمائے ہیں اگر انسان ان سے ایک طرف ہو جاتا ہے تو دکھ اُٹھاتا ہے۔ اس میں تو کچھ شک نہیں کہ دعا اور توکل کا مسئلہ ایک اہم اور ضروری مسئلہ ہے اور یہ بات بالکل درست ہے کہ جو کچھ دعا کر سکتی ہے وہ کوئی اور چیز نہیں کر سکتی۔اس میں بھی کچھ شک نہیں کہ سامان کو بھی اس میں بڑا دخل ہے۔ ہاں صرف سامان پر ہی بھروسہ کر لینا کہ جو کچھ ہو سکتا ہے بس اِنہی کے ذریعہ ہو سکتا ہے یہ شرک ہے۔ا یک حدیث میں آیا ہے کہ ایک دفعہ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے صحابہؓ کو مخاطب کر کے فرمایا اَتَعْلَمُوْنَ مَاذَا قَالَ رَبُّکُمْ کیا تم جانتے ہو کہ تمہارے رب نے کیا فرمایا؟ صحابہؓ نے عرض کی اللہ اور اس کا رسول خوب جانتے ہیں ہمیںتو علم نہیں۔ آپؐ نے کہا کہ خدا تعالیٰ نے فرمایا ہے مَنْ قَالَ مُطِرْنَا بِنَوْئٍ کَذَاوَکَذَا کہ جس نے کہا بارشیں فلاں فلاں ستارے کے اثر سے ہوتی ہیں اور یہ بارش جو ہوئی تو اس لئے ہوئی کہ اس ستارے نے اپنا اثر کیا۔ ایسا شخص کَافِرٌ بِیْ وَ مُؤْمِنٌ بِالْکَوَاکِبِ۱؎ وہ میرا تو کافر ہوتا ہے لیکن ستاروں پرا یمان لانے والا ہوتا ہے۔ لیکن اس میں کیا شک ہو سکتا ہے کہ موسموں پر کواکب کا بڑا اثر ہوتا ہے۔ چاند اور سورج بھی کواکب میں سے ہی ہیں اور ان کا موسموں کے ساتھ بڑا بھاری تعلق ہے مگر باوجود اس کے آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ جو لوگ یہ کہتے ہیں کہ بارش فلاں فلاں ستارے کے اثر سے ہوئی وہ اللہ کے کافر ہیں اور ستاروں کے مومن۔ اس کا یہ مطلب نہیں کہ ستاروں کے تغیرات کا کوئی اثر ہی نہیں۔ بعض لوگ کم فہمی کے باعث یہ مفہوم نکالتے ہیں کہ اس حدیث میں کواکب کے اثرات سے انکار کیا گیا ہے۔ پھر وہ اس یقینی اور مشاہدہ میں آئی ہوئی بات کا انکار کرنے لگ جاتے ہیں کہ نہیں کواکب کا کوئی اثر نہیں حالانکہ ان کا اثر ہوتا اور ضرور ہوتا ہے۔ مگر خدا تعالیٰ کی ذات کو بالکل نظر انداز کر کے بکلی ستاروں پر انحصار کرنا کہ بارش جو برستاتے ہیں تو یہ ستارے ہی برساتے ہیں یہ عقیدہ رکھنا درست نہیں۔ مگر ایسا شخص خد ا کا منکر نہیں جو خدا کو اصل موجب قرار دیتا ہے اور اعتقاد رکھتا ہے کہ خدا تعالیٰ نے ہی ان ستاروں کو پیدا کیا اور ان میں اثرات رکھے اور اسی کے ارادے کے ماتحت وہ اپنا اثر کرتے ہیں۔ دیکھئے فرشتوں کو خدا کی بیٹیاں قرار دینا شرک ہے مگر یہ عقیدہ کہ ملائکہ خد ا کا کلام لاتے ہیں تثبیت قلب وغیرہ کرتے ہیں شرک نہیں ہے لیکن ان دونوں باتوں میں فرق ہے۔ مشرک اور کافر بھی مانتے ہیں کہ ملائکہ ہیں اور وہ کچھ کام کرتے ہیں اور مسلمان بھی مانتے آئے اور مانتے ہیں کہ فرشتے ہیں اورا ن پر ایمان لانا ضروری اور لازمی ہے مگر باوجود اس کے کافر مشرک کہلائے ۔ کیوں؟ اسی لئے کہ کفار کا ماننا اس رنگ میں ہے کہ فرشتے جو کچھ کرتے ہیں خود ہی کرتے ہیں مگر مسلمان یہ عقیدہ رکھتے ہیں کہ ان کے تمام کام خدا تعالیٰ کے ارادے کے ماتحت ہوتے ہیں اس لئے یہ شرک نہیں۔
ایک دفعہ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس ایک اعرابی آیا۔ آپؐ نے پوچھا تمہارا اُونٹ کہاں ہے؟ اس نے کہا کہ باہر کھلا چھوڑ دیا ہے اور اللہ پر توکل کر کے آپؐ کے پاس آگیا ہوں۔ فرمایا جائو اُونٹ کا گھٹنا باندھو پھر توکل کرو۔ ۲؎
حضرت مسیح موعود علیہ السلام فرمایا کرتے کہ اسباب اور ذرائع سے کام نہ لینا اور پھر یہ کہنا کہ میں نے خد اپر توکل کیا ہے خدا کی آزمائش کرنا ہے لیکن ایک ادنیٰ انسان کی کیا حیثیت ہے کہ وہ بادشاہ کی آزمائش کرے۔ یہی وجہ ہے کہ ایسے لوگوں کو کبھی کامیابی نہیں ہوتی۔ا للہ تعالیٰ کے بنائے ہوئے سامان کو ترک کرنے والا اور ان کو لغو قرار دینے والا متوکل نہیں کہلا سکتا۔ بلکہ ان ذرائع کو جو خدا نے پیدا کئے ہیں کام میں لا کر پھرا نہی پر اپنی کامیابی کا انحصار نہ کرتے ہوئے کامیابی کی امید خدا تعالیٰ پر ہی رکھنے والے کا نام متوکل ہے۔ ہاں خدا تعالیٰ خود اگر کسی خاص ذریعے سے کام لینا منع فرمادے تو وہ الگ بات ہے ورنہ اس کے پیدا کردہ سامان کو لغو قرار دے کر ان کو استعمال میں نہ لانا خدا تعالیٰ کی آزمائش کرنا ہے۔ دیکھو طاعون کا ٹیکہ ہے اس میں کوئی شک نہیں کہ یہ بھی ایک ذریعہ صحت ہے اور تجربہ سے ثابت ہوا ہے کہ اس وقت تک یہ ایک عمدہ علاج ہے مگر حضرت صاحب نے اپنی جماعت کو اس کے لگوانے سے منع فرمایا۔ ۳؎ حالانکہ آپ نے بھی تسلیم فرمایا ہے کہ ٹیکہ بھی ایک علاج ہے مگر چونکہ خدا تعالیٰ نے خود اِس ذریعہ کو استعمال میں لانے سے روک دیا اس لئے آپ نے اپنی جماعت کو ٹیکہ کے لگوانے سے منع کر دیا ہاں ان کو اجازت دے دی جو حکام کی ماتحتی میں ٹیکہ لگوانے پر مجبور کئے جاتے ہیں۔
ٹیکہ کے متعلق قطعی رائے لگائی گئی تھی کہ طاعون کے لئے یہ یقینی علاج ہے اس لئے حضرت صاحب نے اس کے لگوانے سے روک دیا تاکہ آپ کی جماعت کی یہ خصوصیت کہ اس پر طاعون کا حملہ نہ ہو گا مشتبہ نہ ہو جائے اور نہ یہ سمجھا جائے کہ ٹیکہ لگوانے کی وجہ سے طاعون نے حملہ نہیں کیا ورنہ دوسرے ذرائع کو کام میں لانے سے حضرت صاحب نے نہیں روکا بلکہ فرماتے کہ جرابیں پہنو۔ا ندھیری جگہوں میں نہ رہواور مکانا ت کو صاف اور ستھرا رکھو۔ چونکہ ٹیکے کو یقینی علاج سمجھا گیا تھا اس لئے خدا تعالیٰ نے اس سے روک دیا اور دوسرے ذرائع پر بھروسہ نہیں کیا تھا ان کے استعمال سے نہیں روکا گیا تھا حالانکہ واقعہ میں ٹیکہ بھی علاج تو ہے مگر چونکہ یہ علاج پیشگوئی میں رخنہ ڈالنے والا تھا اس لئے حضرت مسیح موعودؑ نے اپنی جماعت کو منع فرما دیا (ہاں جو ٹیکہ لگوانے پر مجبور کیا جاوے وہ مجبور ہے) تا مخالفین کے لئے یہ ایک نشان ہو کہ باوجود یقینی علاج کو استعمال نہ کرنے کے ہماری جماعت کے لوگ شاذونادر ہی اس مرض میں مبتلا ہوتے ہیں مگر جہاں خدا کا حکم نہ ہو وہاں اسباب اور ذرائع کو کام میں لانا ہی توکل ہے۔
چنانچہ سورہ فاتحہ جو پینتیس بارہر روز بلکہ پچاس ساٹھ بار اگر نوافل وغیرہ بھی شمار کئے جائیں پڑھی جاتی ہے اور پھر کوئی روک نہیں کہ ہزار بار بھی پڑھی جائے کیونکہ نوافل کا پڑھنا کوئی محدود نہیں۔ اس میں خدا تعالیٰ نے دعا کے گر بتائے ہیں۔ اوّل تو خود دعا سکھائی ہے کیونکہ بندہ اگر خود دعا تجویز کرتا تو غلطی کا امکان تھا مگر خدا تعالیٰ نے دعا خود سکھلا دی اور ساتھ ہی یہ فرمادیا کہ دعا کے لئے یہ بھی ضروری ہے کہ بندہ خود بھی کچھ کوشش کرے۔ فرمایا ۴؎ صرف منہ سے ہم تجھے معبود نہیں کہتے بلکہ عملاً اِس عبودیت کے بجالانے کے لئے حاضر ہیں۔ پس ۵؎ آپ عبودیت کے طریق ہمیں بتائیں۔ عبودیت خدا تعالیٰ کے فضل کی جاذب ہے۔ جب خدا کے فضل کے لئے بھی سامانِ عبودیت کی ضرورت ہے تو پھر دنیاوی امور کے متعلق بدرجہ َاولیٰ سامان کی ضرورت ہونی چاہئے۔ اگر کوئی عبودیت ان طریق پر نہیں کرتا تو پھر اس کی دعا اور عبادت کا کوئی فائدہ نہیں۔ بہت لوگ ہیں جب ہم سے دعا کا ذکر سنتے ہیں یا مولوی صاحب ۶ ؎ یا حضرت صاحب کی تحریروں میں پڑھتے ہیں تو وہ یہی سمجھ لیتے ہیں کہ بس جو کچھ ہے وہ دعا ہی دعا ہے ۔ اِس بناء پر وہ کوشش اور محنت کو لغو اور بے فائدہ سمجھنے لگ جاتے ہیں حالانکہ حضرت صاحب فرماتے ہیں کہ ایسے لوگ جو اللہ تعالیٰ کے پیدا کردہ سامان سے کام نہیں لیتے وہ اللہ تعالیٰ کی آزمائش کرتے ہیں۔ہاں اگر باوجود کوشش اور سعی کے کوئی سامان میسر نہ ہو سکے تو ایسا شخص اگر باوجود ان ظاہری سامان کے نہ ہونے کے بھی دعا کرتا ہے اور قبولیتِ دعا کے شرائط کو پورے طور پر بہم پہنچاتا ہے توا س کی دعا قبول ہو جاتی ہے۔ ضرورت کے مطابق کسی قافلے کی گری پڑی چیز ہی اُس کو مل جائے گی جس کے ذریعہ وہ اپنی حاجت کورفع کر لے گا یا خدا تعالیٰ اس کی حاجت کو ہی دور کر دے گا مگر یہ اُسی وقت ہوتا ہے جبکہ اپنی طرف سے انسان کوشش اور محنت کا حق ادا کر چکے ۔
احادیث میں آیا ہے کہ کئی بار آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کو ایسا موقع پیش آیاکہ سفر میں پانی کم ہو گیا آپؐ نے تھوڑے سے پانی میں ہاتھ ڈالا اور وہ بڑھ گیا ۔ ۷؎ مگر یہ بھی ثابت ہے کہ اس خارقِ عادت امر دکھلانے سے پہلے آپؐ نے چاروں طرف آدمی دوڑائے۔ کہ پانی کی تلاش کرو لیکن جب پانی کا کوئی سراغ نہ ملا تو پھر آپؐ نے ایسے ایسے معجزے دکھلائے۔ کسی ایسی جگہ آپؐ نے کوئی معجزہ نہیں دکھلایا کہ جہاں سے پانچ سات میل تک پانی مل سکتا ہو اور آپؐ نے کہا ہو کہ وہاں سے پانی لانے کے لئے تکلیف کرنے کی کیا ضرورت ہے لو ہم خوداِسی جگہ پانی بڑھا دیتے ہیں بلکہ اُس وقت آپؐ نے ایسا کیا جبکہ پانی کے ملنے سے بالکل نااُمیدی ہوئی۔ تو ایک شخص نے اگر پورا زادِ راہ لے کر ایک سینکڑوں میل کے جنگل کا سفر اختیار کیا ہو لیکن راستے میں اُس کے سامان پر کوئی آفت آپڑی ہو اور وہ تباہ ہو گیا ہو اس لئے وہ نہ آگے کا رہا نہ پیچھے کا۔ ایسے وقت میں بغیر سامان مہیا کئے بھی وہ صرف دعا پر بھروسہ کر سکتا ہے کیونکہ یہ ایسا موقع ہے کہ اب سامان کامہیا کرنا اس کی طاقت سے باہر ہے۔ مگر جب کوئی شخص بغیر زادِ راہ کے اتنا لمبا سفر اختیار کرتا ہے اور کہتا ہے کہ چلو ساتھ بوجھ کیا اُٹھانا ہے دعا کر لیا کریں گے تو یہ درست نہیں ایسا کرنے والا تو خدا تعالیٰ کی آزمائش کرتا ہے لیکن اللہ کو اس کی پرواہ کیا ہے۔
ہماری جماعت کو یاد رکھنا چاہئے کہ دعائوں کے ساتھ سامان کی بھی بڑی ضرورت ہے جو لوگ صرف دعا پر ہی بھروسہ کر کے سامان کو لغو قرار دیتے ہیں وہ بجائے انعامِ الٰہی سے حصہ لینے کے غضب الٰہی کے مستحق ہو جاتے ہیں کہ وہ اس طریق عمل سے خدا تعالیٰ کا امتحان لیتے ہیں۔ امتحان ہمیشہ لائق لیا کرتے ہیں۔ کیا کبھی کسی وزیر نے بھی بادشاہ کاا متحان لیا؟ نہیںبلکہ بادشاہ اور اس کی طرف سے لائق اشخاص کسی کی عقل، فہم اور لیاقت کو دیکھتے ہیں اور اس طرح کوئی وزارت کا عہدہ پاتا ہے۔ پھر کسی طالب علم کا حق نہیں ہے کہ وہ اپنے استاد کا امتحان لے ہاں استاد کا حق ہے کہ اپنے شاگرد کاامتحان لے۔ تو پھر کسی انسان کی کیا حیثیت ہے کہ وہ خدا تعالیٰ کاامتحان لے۔ بندہ کا یہ کام ہر گز نہیں اور جو ایسا کرتا ہے وہ اپنے آپ کو انعامِ الٰہی کا نہیں بلکہ عذاب الٰہی کا مستحق بناتا ہے۔ جو لوگ دعائوں کے عادی ہیں وہ اس بات کو کبھی نہ بھولیں ۔ صدقہ و خیرات وغیرہ جس قدر بھی محبت اور قربت الٰہی کے ذرائع ہیں ان پر عمل کرتے ہوئے جو دعا کر ے گا وہ اپنے آپ کو فضل الٰہی کا مستحق بنائے گا۔ اسی طرح دنیوی ترقی کے لئے بھی ۔ مثلاً تجارت ہے، حرفت ہے جو کوشش اور محنت کرتا ہے اور پھر ساتھ ہی دعا بھی کرتا ہے اُس کو خداتعالیٰ ترقی دیتا ہے۔ خدا تعالیٰ کے پیدا کئے ہوئے سامان کو ترک کرنا اس کی ہتک کرنا ہے اس لئے ایسے لوگوں کی محض دعائوں کی خدا کو کوئی پرواہ نہیں۔ مثلاً کسی نے امتحان دینا ہے اب وہ کہے کہ مغز خوری کون کرے چلو دعا کر کے امتحان میں شریک ہو جائیں گے۔ ایسا شخص سوائے اس کے کہ ناکام رہے اور کیا فائدہ حاصل کر سکتا ہے۔ تو مقصد کے حصول کے لئے سامان کو مہیا کرنا اور اس سے کام لینا ضروری ہے اور پھر اس کے ساتھ دعا کی بھی سخت ضرورت ہے کیونکہ بعض انسان سامان مہیا کر لیتے ہیں اور ان سے کا م بھی پورے طور پر لیتے ہیں مگر نتیجہ اچھا نہیں نکلتا ان کی ساری محنت ضائع جاتی ہے۔ تو دعا کا یہ فائدہ ہوتا ہے کہ نتیجہ بھی خیر نکلتا ہے اور محنت کا ثمرہ خدا تعالیٰ کی طرف سے پورا پورا مل جاتا ہے۔
بعض لوگ سامان کو توکل کے خلاف سمجھتے ہیں۔ ایک دفعہ کا ذکر ہے کہ میں لاہور سے گاڑی میں سوار ہوااور اُسی گاڑی میں پیر جماعت علی شاہ بھی تھا۔ اس نے کوئی ایسی چیز کھانے کو مجھے دینی چاہی جو میں نے کھانسی اور نزلے کے لئے مضر سمجھی اور کہا کہ مجھے نزلہ ہے میں نہیں کھا سکتا۔ پیر صاحب نے دیکھا کہ یہ موقع ہے کہ کچھ تصوف کا اظہار کروں۔ بولے۔ ریزش نزلہ کا کیا ہے اگر خدا کو منظور نہیں تو آپ کو کیا نقصان پہنچ سکتا ہے۔ میں نے کہا پیر صاحب! اگر آپ تھوڑی دیر پہلے بتاتے تو آپ اور ہم دونوں فائدے میں رہتے اور وہ اس طرح کہ لاہور سے ہم ٹکٹ ہی نہ خریدتے بلکہ ٹانگے پر بھی پیسے نہ خرچ کرتے اگر خدا کو منظور ہوتا تو وہ مجھے یونہی قادیان اور آپ کو امرتسر پہنچا دیتا ( میں لاہور سے قادیان آرہا تھا اور وہ امرتسر ) کہنے لگے۔ خیر یہ تو سامان ہیں۔ میں نے کہا پھر یہ بھی تندرستی کو قائم رکھنے کے سامان ہیں۔ کہنے لگا ہاں ہاں میرا بھی یہی مطلب تھا۔ توبعض لوگ سامان کا انکار قضاء قدر کے ماتحت کر دیتے ہیں کہ اگر ایسا ہونا ہے تو بعض لوگ سامان کا انکار قضاء قدر کے ماتحت کر دیتے ہیں کہ اگر ایسا ہونا ہے تو ہو ہی جائے گا ہمیں کچھ کرنے کی کیاضرورت ہے۔ا گر یہ بات صحیح تسلیم کی جائے تو پھر خدا تعالیٰ کا بدکاروں اور کافروں کو سزائیں دینا محض ظلم سمجھا جائے گا۔ اس کی تو ویسی ہی مثال ہو جائے گی کہ ایک شخص کے ہاتھ میں چھری پکڑا کر اور پھر اس کے ہاتھ پکڑ کر ایک دوسرے کے گلے پر پھیر کر قتل کرا دیتا ہے اور پھر اس کو پھانسی پر لٹکاتا ہے کہ تو نے اسے کیوں قتل کیا۔
اصل بات یہ ہے کہ جو لوگ سست ہوتے ہیں اُنہوں نے اپنی سستی پر پردہ ڈالنے کے لئے یہ ڈھکو نسلا بنا لیا ہے کہ جو کچھ ہونا ہوتا ہے تقدیر سے ہوتا ہے۔ یہ تین قسم کے لوگ ہوتے ہیں بعض تو قضاء وقدر کے ماتحت کہتے ہیں جَفَّ الْقَلَمُ بِمَا ھُوَکَائِنٌ کہ جو کچھ ہونا ہے وہ پہلے ہی سے مقدر ہو چکا ہے اور اس طرح وہ سامان سے انکار کردیتے ہیں اور یہ دنیا داروں کا طریق ہے کہ بدفعلیاں کیں اور قضاء وقدر کے ذمہ لگا دیں۔ بعضوں نے دعائوں کے رنگ میں سامان کو ترک کر دیا ہے اور بعضوں نے توکل کے ماتحت ۔
حالانکہ اسباب نہ دعا کے خلاف ہیں نہ قضاء وقدر کے خلاف اور نہ توکل کے خلاف کیونکہ یہ بھی تو خدا کے ہی پیدا کئے ہوئے سامان ہیں اور کام میں لانے کی غرض سے پیدا کئے گئے ہیں۔ حضرت عمرؓ کے وقت جب طاعون نے زور پکڑا تو آپ نے حکم دیا کہ منتشر ہو جائو اور اپنی جگہ کو چھوڑ دو تو بعض صحابہؓ نے اعتراض کیا کہ آپ خدا کی قضاء سے بھاگتے ہیں۔ آپ نے فرمایا نَفِرُّمِنْ قَضَائِ اللّٰہِ اِلٰی قَضَائِ اللّٰہِ ۸؎ ہے کہ ہم خدا کی ایک قضاء سے بھاگ کر اُس کی دوسری قضاء کی طرف پناہ لیتے ہیں۔
تو سامان بھی خدا کے ہی پیدا کر دہ ہیں ان سے کام لینا اس کی قضاء کے خلاف نہیں۔ اگر جبر تسلیم کیا جائے تو پھر خد اتعالیٰ ظالم ٹھہرتا ہے اور پھر آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی بھی کوئی خوبی خوبی نہیں رہتی تا آپ سے کسی کے دل میں محبت پید اہو سکے۔ ایک جبر یہ کہہ سکتے ہیں کہ آپ کے بڑے ہونے میں آپ کی کوئی خوبی نہیں خدا نے پکڑ کر آپ کو بڑا بنا دیا تو آپ کی ساری محنت ، ریاضت اور خدا کی راہ میں مصائب کا جھیلنا کچھ چیز ہی نہ سمجھا جائے گا، آپ کا دنیا میں صداقت کا پھیلا دینا کچھ وقعت نہیں رکھتا وہ کہہ سکتا ہے کہ اُنہوں نے اگر محنت کی تو خدا نے پکڑ کر کرائی۔ غرض اِس طرح آپ کی کوئی خوبی بھی تسلیم نہیں کی جا سکتی۔ آپ کی جو خوبی بھی دیکھے گا کہے گا یہ دراصل خدا کا فعل تھا آپ کا اس میں کیا دخل تھا۔ لیکن سچی بات یہی ہے کہ خدا تعالیٰ کے پیدا کردہ سامان سے پورے طور پر کام لینے میں ہی مؤمن کی ترقی ہے اور مومن ہر رنگ میں ترقی کرتا ہے۔ صحابہؓ نے تجارت میں ترقی کی ، حکومت میں ترقی کی ، علوم میں ترقی کی۔ غرض مؤمن کی شان یہ ہے کہ وہ ہر رنگ میں دوسروں پر غالب رہے۔ صنعت اختیار کرے تو اس میں اور حرفت اختیار کرے تو اس میں، تجارت اختیار کرے تو اس میں ایک مومن کی یہی خواہش ہونی چاہئے کہ وہ دوسروں پر غالب رہے۔
میں صرف دینی ترقی کی ہی کوشش محدود نہیں بلکہ جس نے تجارت کا پیشہ اختیار کیا ہوا ہے اُس کو اِس میں کوشش کر کے اَور ترقی کرنی چاہئے اور اس طرح مومن کو اپنے ہر کام میں چستی سے کام لینا چاہئے۔ جو دنیا کے کاموں میں سُستی کرتے ہیں وہ پھر دین میں بھی سستی کرنے لگ جاتے ہیں۔
صحابہؓ کو جب خدا نے دیکھا کہ وہ بڑے چُست اور ہوشیار ہیںتو دین اور دنیا دونوں میں ان کو عروج اور ترقی بخشی۔ خدا کرے ہماری جماعت کے لوگ بھی بڑے کارکن محنتی اور ہوشیار ہوں اور پھر باوجود اس کے خدا کے فضل پر اُمید رکھیں نہ کہ ظاہری سامانوں پر۔
(الفضل ۷؍ نومبر ۱۹۱۶ئ)
۱؎ بخاری کتاب المغازی باب غزوۃ الحدیبیۃ
۲؎ ترمذی کتاب صفۃ القیامۃ والرقائق والورع باب حدیث اعقلھا و توکل
۳؎ کشتی نوح صفحہ۴ روحانی خزائن جلد۱۹ صفحہ۲
۴؎ الفاتحۃ: ۵ ۵ ؎ الفاتحۃ:۶
۶؎ حضرت مولوی نور الدین صاحب بھیروی خلیفۃ المسیح الاوّل
۷؎ صحیح مسلم کتاب الفضائل باب تفضیل نبینا صلی اللّٰہ علیہ وسلم
۸؎ مسلم کتاب السلام باب الطاعون والطیرۃ
۳۶
۱۳۳۵ھ کی آمد
(فرمودہ ۳؍ نومبر ۱۹۱۶ئ)
تشہد، تعوذ اورسورۃ فاتحہ کے بعد حضور نے مندرجہ ذیل آیت کی تلاوت کی:۔
۱؎
اور فرمایا:۔
’’اللہ تعالیٰ کے فضل اور اس کے احسان بہت وسیع ہیں۔ کوئی ادنیٰ سے ادنیٰ مخلوق بھی یہ نہیں کہہ سکتی کہ مجھ پر خدا کا کوئی احسان نہیں۔ کیوں؟ اس لئے کہ ہر ایک چیز کا وجود اللہ کے فضل کے ماتحت پیدا ہو اہے اور جو بھی مخلوق ہو گی وہ خدا کے زیر احسان ہی ہو گی اور ایسی کوئی چیز ہے نہیں جو مخلوق نہ ہو۔ پس ہر ایک چیز اللہ تعالیٰ کے احسانوں کے نیچے دبی ہوئی ہے۔ ادنیٰ سے ادنیٰ کیڑے سے لے کر بڑے سے بڑے فرشتے اور نبی تک تمام اللہ تعالیٰ کے احسانوں اور فضلوں کے نیچے ہیں اور کسی کا کوئی دَم ایسا نہیں گزرتا کہ اللہ کے احسانوں کے نیچے وہ زندگی نہ بسر کر رہا ہو۔ لیکن کچھ لوگ ایسے ہوتے ہیں کہ خدا کے فضلوں اور احسانوں سے خاص حصہ پاتے ہیںا س لئے گو ہر ایک انسان بلکہ ہر ایک جاندار پرا للہ کا شکر ادا کرنا فرض او رواجب ہے مگر ان لوگوں ،ا ن جماعتوں اور ان گروہوں کا خاص فرض ہوتا ہے جو اس کے انعامات سے خاص حصہ پاتے ہیں۔ اور جو لوگ اپنے اُوپر خدا تعالیٰ کے انعا مات کے ہوتے ہوئے پھر اُس کا شکریہ ادا نہیں کرتے یا ادا کرنے میں کوتاہی سے کام لیتے ہیں یا ان میں سے کچھ افراد سستی دکھاتے ہیں وہ خدا تعالیٰ سے بہت دُور جا گرتے ہیں اور بہت سخت سزا کے مستحق ہوجاتے ہیں۔
اللہ تعالیٰ کے قانون کے ماتحت اور اس قانون کے ماتحت کہ جو جب سے دنیا کا سلسلہ شروع ہوا ہے چلتاآرہا ہے ا ب ایک نیا سال شروع ہوا ہے اور کسی نئے سال کا آنا کوئی نئی بات نہیں ہر آنے والا سال نیا ہی ہوتا ہے اور ہر بارہ ماہ کے بعد نیا سال شروع ہو جاتا ہے پس یہ کوئی نئی بات نہیں ہے۔ قانونِ قدرت کے ماتحت ایسا ہوتا آیا ہے اور اب بھی ہوا ہے۔ اللہ تعالیٰ نے اپنی مخلوق کی خاطر چاند، سورج اور ستاروں کے لئے رفتار مقرر کی ہوئی ہے اِسی رفتار کے ماتحت دن ، ہفتے ، مہینے اور سال بدلتے رہتے ہیں۔ پس نئے سال کا چڑھنا کوئی نئی بات نہیں مگر اس سال کے متعلق بعض اندازوں کے مطابق ایک پیشگوئی ہے۔ بعض انداز ے میں نے اس لئے کہا ہے کہ پیشگوئی کے الفاظ صاف نہیں ہیں بلکہ استدلال کیا گیا ہے اور مختلف استدلال کئے گئے ہیں ان میں سے ایک یہ ہے کہ اس پیشگوئی میں جو بارہ سوا ٹھانوے اور تیرہ سو پنتیس دن کا ذکر آتا ہے یہ ہجری سنہ ہے کیونکہ الہامی زبان میں دن بمعنی سال کے ہوتے ہیں اس لئے بہتوں کی نظریں اس کی طرف لگی ہوئی ہیں۔ بعضوں کی تو اس لئے کہ ایک خاص پیشگوئی ہے اور بعضوں کی دیگر وجوہات سے۔بعض لوگوں کا خیال ہے کہ آخری سال حضرت مسیح موعود کی آمد کا ۱۳۳۵ھ ہے۔ مجھے خوب یاد ہے کہ انبالہ سے ایک شخص نے اشتہار شائع کیا تھا غالباً ۵ ۱۹۰ء یا ۱۹۰۶ء کا ذکر ہے اس میں اس نے لکھا تھا اور بڑے زور سے لکھا تھا کہ حضرت مسیح موعود کی آمد ۱۳۳۵ ھ میں ہو گی۔ اسی طرح دہلی سے ایک شخص نے رسالہ لکھا ہے ا س نے بھی ۱۳۳۵ ہجری آخری میعاد حضرت مسیح موعود کے آنے کی رکھی ہے۔ یورپ کے لوگوں میں سے بعضوں نے مختلف حسابات کے ماتحت اس بات کا فیصلہ کر چھوڑا ہے کہ ۱۳۳۵ھ مسیح موعود کی آمد کا سال ہے۔ اسی بناء پر اس کا بڑا انتظار ہور ہا تھا اب جو یہ سال آگیا ہے تو اس کے نتائج کا انتظار ہے۔ اللہ تعالیٰ چاہے گا توا ن۱۲ مہینوں میں حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے منکروں کو ایک اور نااُمیدی ہو گی اور ان میں سے جو عقلمند اور دانا ہوں گے وہ سمجھ لیں گے کہ جس مسیح نے آنا تھا وہ آچکا اور کسی نے نہیں آنا تو اس طرح ہمارے لئے ایک فتح تو ضروری ہے اور وہ یہ کہ دشمن نے جو اندازہ لگایا ہوا ہے کہ ۱۳۳۵ھ میں حضرت مسیح نے آنا ہے وہ آچکا ہے۔ اب ان کے لئے دو ہی باتیں ہوں گی یا یہ کہ وہ کہہ دیں کہ کسی مسیح نے نہیں آنا اور یا یہ کہ جس نے آنا تھا وہ آگیا۔ اب سوائے ان لوگوں کے جو یہودیوں کی طرح ڈھیٹھ ہوں گے کہ باوجود اس کے کہ حضرت مسیح ناصری کی آمد کو اُنیس سوسال ہو گئے مگر وہ ضد اور تعصب کی وجہ سے اِس وقت تک اِس خیال کو ترک نہیں کرتے کہ مسیح نے آنا ہے۔ وہ بھی یہی کہتے رہیں گے کہ مسیح موعود نے آنا ہے اور ایسے لوگوں کا مسلمانوں میں سے پیدا ہونا کوئی تعجب کی بات نہیں ہے کیونکہ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے ان لوگوں کو یہود سے مشابہت دی ہے مگر جو دانا اور سمجھدار ہوںگے اور جو تعصب اور عداوت ، ضد اور شرارت سے انکار نہیں کریں گے۔ جب وہ دیکھیں گے کہ جن پیشگوئیوں کے مطابق ۱۳۳۵ھ میں مسیح موعود کی آمد کا اندازہ لگایا گیا تھا وہ اندازہ پوراہو گیا ہے تو یا توانہیں اس پیشگوئی کو بناوٹی اور جعلی قرار دینا پڑے گا یا یہ تسلیم کرنا پڑے گا کہ مسیح موعود آگیا ہے اور چونکہ حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے سوا اور کسی نے مسیح موعود ہونے کادعویٰ نہیں کیا اس لئے آپؐ کو اُنہیں مسیح موعود ماننا پڑے گا۔ یہ تو ہمارے لئے بنی بنائی فتح ہے جو اللہ تعالیٰ کی طرف سے ہمارے لئے لکھی جا چکی ہے۔ باقی اور بہت سی اُمیدیں کہ یہ سن ہمارے لئے فتوحات کا ابتدائی سال ہے۔ چنانچہ ہماری جماعت کے لوگ اس پر خوشی کا اظہار کر رہے ہیں اور میرے پاس مبارکباد کے خطوط بھی آئے ہیں لیکن میں ایسے سب لوگوں کو یہ کہنا چاہتا ہوں کہ ۱۳۳۵ھ میں بلحاظ دنوں، ہفتوں اور مہینوں یا چاند کی رفتار کے ۱۳۳۶ھ یا ۱۳۳۴ھ سے کوئی زیادتی نہیں ہے۔ یہ بھی اُس قسم کا سن ہے جیسے کہ پہلے گزر چکے ہیں۔ اس میں کونسے لعل لگے ہوئے ہیں کہ اسے دوسروں سے بڑا سمجھیں اس میں کوئی خصوصیت نہیں ہے ۔ وہ جماعت جو اپنے آپ کو اللہ تعالیٰ کے انعامات کا وارث ثابت کر دے اس کے لئے ۱۳۳۲ھ اور ۱۳۳۳ھ بھی ۱۳۳۵ھ ہی بن جاتے ہیں اور جوجماعت اپنے اعمال اور افعال سے اپنے آپ کو خدا تعالیٰ کے غضب اور سزا کا مستحق بنا لیتی ہے اس کیلئے ۱۳۳۵ھ یا ۱۳۳۶ ھ یا ۱۳۴۰ھ سب برابر ہو جاتے ہیں۔
ہر ایک فتح کے ساتھ شکست بھی ہوتی ہے۔ کیا آج تک ایسی بھی کوئی فتح ہوئی ہے کہ جس کے ساتھ شکست نہ ہو؟ ہر گز نہیں۔ آج تک تو یہی ہوتا چلا آیا ہے کہ اگر ایک گروہ کو فتح حاصل ہوئی ہے تو اسی فتح کے ساتھ دوسرے گروہ کو شکست بھی ہوئی ہے۔ پس اگر یہی سال ایک جماعت کے لئے مبارک ہے تو کیا اس کے ساتھ ہی یہ خیال بھی پیدا ہوتا کہ یہی ۱۳۳۵ھ کسی اَور کے لئے منحوس اور نامبارک بھی ہے؟ تو اس سال کی یہ خصوصیت نہیں ہو سکتی کہ تمام کے لئے مبارک ہی ہو۔ ضروراگر ایک گروہ کے لئے مبارک ہے تو دوسرے کے لئے نامبارک بھی ہے۔ باقی رہا یہ کہ مبارک کس کے لئے ہے اور نامبارک کس کے لئے؟
اس میں تو شک ہی نہیں کہ جو میدان ایک قوم کے لئے فتح اور کامیابی کا باعث بنتا ہے وہی میدان دوسری قوم کے لئے شکست اور ناکامی کا بھی موجب بنتا ہے ۔اور جس طرح وہ میدان یہ یاد دلاتا ہے کہ فلاں قوم کو اس میں فتح نصیب ہوئی تھی اِسی طرح وہ یہ بھی ظاہر کرتا ہے کہ اسی موقع پر کسی کو شکست بھی ہوئی تھی۔ پس جہاں عظیم الشان فتح ہوتی ہے وہاں بہت بڑی شکست بھی ہوتی ہے ا س لئے ڈرنا چاہئے کہ فتح ہمارے دشمنوں کو نہ ہو اور شکست ہمارے حصہ میں نہ آئے۔ جتنی بڑی کوئی فتح ہوتی ہے اس کے ساتھ اتنی ہی بڑی شکست بھی وابستہ ہوتی ہے۔ پس جہاں بہت بڑی فتح سے خوشی ہونی چاہئے وہاں اِس بات سے ڈرنا بھی بہت چاہئے کہ ہمارے حصہ میں شکست نہ آئے۔
کوئی کہے ۱۳۳۵ھ تو فتح اور کامیابی کے لئے مقرر ہے اور خدا نے کہہ دیا ہے کہ ’’مبارک وہ جو انتظار کرتا ہے اور ایک ہزار تین سو پنتیس روز تک آتا ہے۔ ۲؎ اس لئے ہمیں ضرور کامیابی ہو گی۔ مگر ایسے لوگوں کو یاد رکھنا چاہئے کہ یہ پیشگوئی دانیال نبی کی کتاب میں ہے اور دانیال نبی حضرت موسیٰ علیہ السلام کے اتباع میں سے تھے۔ حضرت موسیٰ علیہ السلام ایک اولو العزم نبی تھے اور خاص شان رکھنے والے تھے۔ خدا تعالیٰ نے آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی آپ سے مشابہت دی ہے ۳ ؎ ا ور جس سے آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی مشابہت دی جائے وہ کوئی معمولی انسان نہیں ہو سکتا۔ آپ سے خدا تعالیٰ کا وعدہ تھاکہ تو اور تیری قوم فلاں ملک کی وارث بنائی گئی جائے گی لیکن چونکہ ان کی قوم نے اپنے آپ کو اِس لائق نہ بنایا کہ خدا تعالیٰ اُ س کو اپنا یہ انعام دیتا اس لئے خد اتعالیٰ فرماتا ہے کہ ہم نے اِس وعدہ کو چالیس سال پیچھے ڈال دیا۔ ۴ ؎ پس جب موسیٰ علیہ السلام جیسے عظیم الشان نبی کی پیشگوئی کو چالیس سال پیچھے ڈال دیا جا سکتا ہے تو حضرت دانیال کی پیشگوئی کو کیوں پیچھے نہیں ڈالا جا سکتا۔ اگر خدا تعالیٰ کو کسی کا لحاظ یا کسی کی خاطر منظور ہوتی تو موسیٰ اس بات کے زیادہ مستحق تھے کہ ان کی قوم کو موعودہ ملک دے دیاجاتا کیونکہ وہ صاحب شریعت اور اُولوالعزم نبی تھے۔ پھر خدا تعالیٰ ان کی نسبت فرماتا ہے ۵؎ کہ جب خدا تعالیٰ نے موسیٰ سے کلام کیا تو درمیان میں کوئی روک اور پردہ نہ تھا۔ اتنے بڑے نبی کی پیشگوئی کو جب اس کی جماعت کی سستی اور نالائقی کی وجہ سے پیچھے ڈال دیا جاتا ہے تو حضرت دانیال کی پیشگوئی کو کیوں پیچھے نہیں ڈالا جا سکتا۔
پس ۱۳۳۵ھ میں ہمارے لئے خدا تعالیٰ کا وعدہ ہے اس میں تو شک نہیں اور جیسا کہ حضرت مسیح موعود علیہ السلام نے لکھا ہے ہماری جماعت کے ساتھ اس سال کا خاص تعلق ہے۔ پہلے تو یہ خیال تھا کہ شاید اِس سنہ میں حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی وفات ہو مگر وہ تو اِس سے پہلے ہو چکی اس لئے وہ مراد نہیں ہو سکتی بلکہ اس سال سے ہماری جماعت کی ترقی کی ابتداء مراد ہے۔ وہ ترقی کیسی ہو گی؟ کس رنگ میں ہو گی؟ کس طرح ہو گی؟ اگر اس پیشگوئی کو جس طرح سمجھا گیا ہے اِسی طرح درست مان لیا جائے تو یہ بھی باتیں نہیں بتائی جا سکتیں کیونکہ پیشگوئی کو پورا ہونے سے قبل سمجھنے میں تو ایک نبی بھی غلطی کھا سکتا ہے چہ جائیکہ ہم اس کے متعلق کچھ بتا سکیں۔پس اگر واقعہ میں ۱۳۳۵ھ میں جماعت حضرت مسیح موعود کی فتوحات کی ابتداء ہے تب بھی ہم نہیں جانتے کہ ہمیں کس طرح اور کیا فتوحات حاصل ہوں گی۔ا للہ تعالیٰ کے وعدے کئی اقسام کے ہوتے ہیں۔ کبھی بڑے زور سے ایک بات کہی ہوئی معلوم ہوتی ہے لیکن جب پوری ہوتی ہے تو بہت معمولی نکلتی ہے۔ اسی طرح کبھی ایک بات بالکل معمولی معلوم دیتی ہے لیکن جب پوری ہوتی ہے تو بڑے عظیم الشان نتائج پیدا کرتی ہے۔ کبھی جس رنگ میں کوئی بات کہی جاتی ہے اُسی رنگ میں پوری ہوتی ہے۔ اس کی ایک وجہ ہے اور وہ یہ کہ انسان کی نظر ایک بات کو زور دار سمجھتی ہے مگر دراصل وہ کمزور ہوتی ہے اور اسی طرح ایک بات کو انسان اپنے نزدیک کمزور سمجھتا ہے مگر دراصل وہ بہت زور دار ہوتی ہے۔ دیکھو ظاہر نظروں میں بدر اور احزاب کی لڑائیوں میں بڑی بھاری فتح ہوئی تھی مگر خدا تعالیٰ نے صلح حدیبیہ کو جسے ظاہر میں شکست سمجھا گیا تھا بڑی فتح قرار دیا ہے۔ تو کبھی ظاہرہ الفاظ سے ایک بات بڑی معلوم ہوتی ہے اور اس کا نتیجہ معمولی نکلتا ہے مگر اس لئے نہیں کہ نعوذ باللہ خدا تعالیٰ نے غلطی سے معمولی الفاظ کی بجائے زور دار الفاظ میں اس کو بیان کیا ہوتا ہے بلکہ اس لئے کہ وہ واقعہ بڑے بڑے نتائج پیدا کرتا ہے۔ اسی طرح اگر کسی بات کے متعلق الفاظ معمولی ہوں اور واقعہ بہت ہیبت ناک ظہور پذیر ہو اس لئے نہیں کہ نَعُوْذُ بِاللّٰہِ خدا تعالیٰ کو ایسا معلوم نہ تھا اس لئے اس نے معمولی الفاظ میں اس کا ذکر فرمایا ہوتا ہے بلکہ اس لئے کہ وہ بظاہر خطرناک اور بڑا واقعہ ہوتا ہے مگر نتائج کے لحاظ سے کوئی ایسا خطرناک نہیں ہوتا اورا گر کوئی پیشگوئی خدا تعالیٰ کی طرف سے جن الفاظ میں بیان کی جاتی ہے اُن ہی میں پوری ہوتی ہے تو اس کے متعلق یہ خیال نہیں ہوتا کہ اسی طرح پوری ہوئی بلکہ اس کے نتائج ہی ایسے مدنظر ہوتے ہیں۔ بعض دفعہ ایسا ہوتا ہے کہ انسان اپنی کامیابی سمجھتا ہے اور اپنے خیال میں فتح حاصل کر چکا ہوتا ہے لیکن وہ فتح کوئی دیرپا نہیں ہوتی فوراً ہی دشمن دوبارہ حملہ کر کے اسے شکست دے دیتا ہے۔ کبھی ایسا ہوتا ہے کہ ایک کامیابی کو انسان بہت معمولی سمجھتا ہے مگر تھوڑے ہی عرصہ کے بعد اسے معلو م ہو جاتا ہے کہ یہ کوئی معمولی کامیابی نہ تھی بلکہ بہت بڑی تھی کیونکہ اس کے نتائج بہت بڑے نکلتے ہیں۔ا س قسم کے نظارے ہم دنیاوی جنگوں میں بھی کثرت سے دیکھتے ہیں۔ آجکل وہ لوگ جو جنگ کی خبریں پڑھتے ہیں وہ کثرت سے اس قسم کے واقعات بھی پڑھتے ہیں کہ ایک کامیابی کو بہت بڑا سمجھا جاتا ہے لیکن بعد میں اس کے متعلق کہنا پڑتا ہے کہ یہ بہت معمولی تھی۔ اسی طرح ایک فتح کو بہت معمولی قرار دیا جاتا ہے لیکن بعد میں پتہ لگتا ہے کہ وہ بہت اہم فتح ہے۔ چند ہی دن ہوئے ایک خبر آئی تھی کہ ایک معمولی سا نا کہ فتح ہوا ہے لیکن اسی کے متعلق بعد میں یہ خبر آئی کہ جرمن اس کے فتح کرنے کے لئے بڑا زور مار رہے ہیں کیونکہ اس راستہ سے وہ اپنی فوجوں کو اسلحہ وغیرہ پہنچایا کرتے تھے تو وہی ناکہ جو پہلے معمولی سمجھا گیا تھا بعد میں بہت بڑا قرار دیا گیا۔ لیکن خداتعالیٰ تو پہلے ہی ہر ایک چیز کے نتائج سے واقف ہوتا ہے اس لئے جس واقعہ سے بڑے اہم نتائج نکلنے ہوتے ہیں اسے غیرمعمولی قرار دیتا ہے خواہ بظاہر وہ چھوٹا ہی نظر آئے۔ اور جس سے معمولی نتائج نکلنے ہوں اسے معمولی کہتا ہے خواہ بظاہر وہ بڑا ہی دکھائی دے۔مگر انسان جس کی نظر ظاہر پر ہوتی ہے وہ ظاہر پر لٹو ہو کر بعض اوقات یہ بھی کہہ دیتا ہے کہ’’ کھودا پہاڑ اور نکلا چوہا۔‘‘تو پیشگوئی میں ایسی باتیں بھی ہوتی ہیں اس لئے ہم نہیں جانتے کہ یہ پیشگوئی اس رنگ میں جس میں کہ سمجھی گئی ہے پوری ہوگی یا کسی اَور رنگ میں۔ پھر یہ بھی نہیں کہہ سکتے کہ دنیا اس کے پورا ہونے کو فوراً دیکھ لے گی یا ہمیں بھی اس کے پورا ہونے کا پتہ نہیں لگے گا اور بعد میں اس سے بڑے بڑے نتائج نکلیں۔ پس ہو سکتا ہے کہ ساری دنیا اس پیشگوئی کو پورا ہوتا دیکھ لے اور یہ بھی ہو سکتا ہے کہ جس طرح حضرت مسیح نے کہا ہے کہ’’ وہ چوروں کی طرح آئے گا‘‘ ۶؎ اس لئے یہ بھی چوروں کی طرح آئے مگر وہی دو تین، چار پانچ، دس بیس سال کے بعد بڑے بڑے اہم نتائج پیدا کرنے کا موجب ہو جائے۔
بعض درخت بڑے ہوتے ہیں لیکن ان کے بیج بہت چھوٹے ہوتے ہیں اور بعض چھوٹے ہوتے ہیں مگر ان کے بیج بڑے ہوتے ہیں۔ پس ہم نہیں کہہ سکتے کہ یہ پیشگوئی کس رنگ میں پوری ہو گی اور کس رنگ میں نہیں۔ ہاں سوال یہ ہے کہ ہماری جماعت نے اپنے آپ کو خدا تعالیٰ کے انعامات کی مستحق قرار دے لیا اور انعام حاصل کرنے کے قابل بنا لیا ہے یا نہیں؟ اس کے لئے خدا تعالیٰ ایک معیار مقرر فرماتا ہے اور وہ یہ کہ یاد کرو اس بات کو کہ جب تمہارے خدا نے بڑے زور اور بڑی شان و شوکت سے اِس بات کا اعلان کردیا ہے کہ اگر تم میرے شکر گزار بنو گے اور میرے پہلے انعامات کی قدر دانی کرو گے تو میں اپنی ذات کی قسم کھا کر کہتا ہوں کہ تمہیں بڑے بڑے انعام دوں گا لیکن اگر تم میرے پہلے انعامات کی بے قدری کرو گے اور ان کے لئے شکر گزار نہ بنو گے تو یہ بھی یاد رکھو کہ میں عذاب بھی بڑا سخت دیتاہوں ۔ یہ ایک معیار ہے جو اللہ تعالیٰ نے بتایا ہے اس سے ہر شخص سمجھ سکتا ہے کہ آیا میں انعام پانے کا مستحق ہوںیا عذاب کا۔
پس بجائے اس کے کہ ہماری جماعت کے لوگ آپس میں ایک دوسرے کو مبارکباد دیں اور خوش ہوں کہ ۳۳۵اھ آگیا ہے انہیں اپنی حالت پر نظر کرنی چاہئے۔ ۱۳۳۵ھ میں کوئی زیادہ بات نہیں یہ بھی ایسا ہی سال ہے جیسے کہ پہلے تھے۔ ہاں اس میں یہ خصوصیت ہے کہ اس کے متعلق ایک وعدہ اور پیشگوئی سمجھی جاتی ہے اور بے شک یہ ایک خصوصیت ہے مگر خداتعالیٰ فرماتا ہے کہکہ وعدے بھی ایسی ہی قوم کے ساتھ پورے ہوتے ہیں جو اپنے آپ کو ان کااہل ثابت کر دیتی ہے اور جو اہل ثابت نہیں کرتی اُس سے خدا تعالیٰ اپنے وعد ے بھی ٹال دیتا ہے۔
دیکھو حضرت موسیٰ علیہ السلام کی قوم سے ایک وعدہ تھا لیکن خد اتعالیٰ نے اسے چالیس سال پیچھے ڈال دیا۔ کیوں ؟اس لئے کہ اُس نے خدا تعالیٰ کے انعامات کی قدر نہ کی۔ خدا تعالیٰ کے ان لوگوں پر کتنے بڑے فضل ہوئے تھے، ایک ایسے جابر دشمن سے اُنہیں چھڑایا گیا جس سے چھوٹنے کی انہیں کبھی اُمید نہ تھی وہ اس کے مقابلہ میں ہر طرح سے کمزور اور ناتواں تھے، ان کے لڑکوں کو مار دیا جاتا تھا اور ان کی لڑکیاں زندہ رکھی جاتی تھیں مگر باوجود ان کی اس حالت کے خدا تعالیٰ نے انہیں نجات دی اور ایک خطرناک راستہ سے سمندر میں سے صحیح و سلامت پار کر دیا اورا ن کی آنکھوں کے سامنے ہی ان کے دشمن کو غرق کر دیا پھر بھی ان لوگوں نے حضرت موسیٰ علیہ السلام کی بات کو نہ مانا اور جب انہوں نے حکم دیا کہ جائو لڑو تو باوجود اس کے کہ انہیں فتح اور کامیابی کا وعدہ بھی دیا گیا تھا اُنہوں نے لڑنے سے انکار کر دیا اور کہہ دیا کہ ہم سے نہیں لڑا جاتا۔ ۷؎ اے موسیٰ تو اور تیرا خدا جا کر ان سے لڑو ہم تو یہ بیٹھے ہیں۔ جب تک وہ لوگ اس ملک میں موجود ہیں ہم تو کبھی بھی اس میں داخل نہ ہوں گے۔ تو اس طرح اُنہوں نے اس ملک میں داخل ہونے سے انکار کر دیا جس کی سزا میں خدا تعالیٰ نے ان کا وعدہ چالیس سال اَور پیچھے ڈال دیا۔ لڑنے والے عموماً بیس اکیس سال کے لڑائی کے قابل ہوتے ہیں اور آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے اوسط عمر ساٹھ سال فرمائی ہے۔ ۸؎ تو حضرت موسیٰ علیہ السلام کی قوم سے وہ چھوٹی سے چھوٹی عمر کا انسان جس نے لڑنے سے انکار کیا اس چالیس سال کے عرصہ میں مر گیا تب جا کر ان کا وعدہ پور اہوا۔ چنانچہ بائبل سے پتہ لگتا ہے کہ حضرت موسیٰ علیہ السلام کی قوم میں سے چالیس سال تک وہی زندہ رہا جس نے لڑنے سے انکار نہیں کیاتھا اورا نکار کرنے والے سب کے سب ہلاک ہو گئے توان سے وعدہ ٹل گیا۔ پس اگر ہم نے بھی اپنے اندر کوئی تبدیلی پیدا نہیں کی اور خدا تعالیٰ کے انعامات کے شکر گزار نہیں ہوئے تو یہ سال ہمارے لئے کیا تبدیلی پیدا کر سکتا ہے۔ کیا اس سے پہلا سال اسی خدا کا نہ تھا؟ جس کا یہ ہے اُسی کا تھا۔ پھر اس سال نے کیا کرنا ہے؟ ہاں اگرکوئی ذریعہ ہمیں فاتح اور کامیاب بنا سکتا ہے تو وہ تعلق ہے جو خدا تعالیٰ سے ہو۔ اور اگر کوئی چیز خدا تعالیٰ کے رحم اور فضل کو جذب کر سکتی ہے تو وہ،وہ ایثار ہے جو ہم خدا کی راہ میں دکھائیں۔ لیکن اگر ہم میں ایثار اور خدا تعالیٰ سے تعلق نہیں اور ہم اس کی فرمانبرداری اور اطاعت میں کامل نہیں ہوئے تو یہ سال ہمارے اندر کوئی تبدیلی نہیں پیدا کر سکتا۔ اور جو سال ایسا ہے کہ اس میں ہمارا خدا تعالیٰ سے کامل تعلق ہو گیا ہے وہ سال ہمیشہ ۱۳۳۵ ہجری ہی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ نبیوں پر جو خدا کے فضل ہوتے ہیںوہ کسی خاص سال سے تعلق نہیں رکھتے۔ حضرت مسیح موعودؑ پر جو فضل ہوئے کیا ۱۳۳۵ ہجری میں آپ سے زیادہ کسی پر فضل ہو جائے گا ؟ یا ۱۳۳۵ ھ میں آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کے زمانہ سے زیادہ کوئی بات حاصل ہو جائے گی؟ ان کے مقابلہ میں تو ۱۳۳۵ھ عشر عشیر بھی نہیں ہے۔ حضرت مسیح موعودؑ کے لئے ۱۳۳۵ھ کی کوئی شرط نہ تھی۔ آپ کے لئے ہردن اور ہر گھڑی ۱۳۳۵ھ ہی تھا بلکہ اس سے بھی بڑھ کر۔ میں تو سمجھتا ہوں کہ ۱۳۳۵ھ تک جو دیر ہوئی ہے یہ ہماری کوتاہیوں اور سستیوں ہی کی وجہ سے ہوئی ہے ورنہ اگر ہم خدا تعالیٰ کی کامل فرمانبرداری اور اطاعت کرتے تو ہمارے لئے حضرت مسیح موعودؑ کی زندگی سے ہی ۱۳۳۵ھ شروع ہو جاتا جیسا کہ صحابہ کرامؓ کے لئے آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی زندگی سے ہی شروع ہو گیا تھا۔ حضرت ابوبکرؓ کے وقت ایک ابتلاء آیا تھا لیکن چھ مہینے کے اندر اندر دور ہو گیا اور زیادہ سے زیادہ ایک سال تک اس کا اثر رہا اور ان کے زمانہ میں ایک قلیل حصہ اس کا رہا۔ تو ۱۳۳۵ ھ کوئی خصوصیت نہیں رکھتا۔ جس بات کی اس سال کی وجہ سے خوشی ہے وہ ہر روز اور ہر سال میسر ہو سکتی ہے مگر ضرورت ہے اس بات کی کہ خدا تعالیٰ کے انعامات کی پوری پوری شکر گزاری کا مادہ اپنے اندر پید اکیا جائے۔
کس قدر احسانات ہیں جو ہم پر حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے ذریعہ ہوئے ہیں۔ کیسی جہالت اور تاریکی میںہم پڑے ہوئے تھے،ا للہ تعالیٰ کی محبت اور اُلفت کو جانتے تک نہ تھے، شریعت پر عمل کرنا دوبھر ہو گیا تھا مگر جس طرح اندھیرے اور ظلمت میں سورج نکل آتا ہے اسی طرح خدا تعالیٰ نے حضرت مسیح موعودؑ کو ظاہر کر دیا اور آپ کی وجہ سے تمام اندھیرا دُور ہو گیا۔ دنیا کی یہ حالت ہو چکی تھی کہ نیکی کو برائی اور برائی کو نیکی سمجھا جاتا تھا، ہلاکت کو کامیابی اور کامیابی کو ہلاکت خیال کیا جاتا تھا لیکن حضرت مسیح موعود علیہ السلام نے آکر برائی کو برائی اور نیکی کو نیکی کر دکھایا۔ پھر آپ کے ذریعہ خدا تعالیٰ کی حقیقت ، آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی محبت اور قرآن کریم کی قدر ہمیں معلوم ہوئی۔ پھرآپ کی وجہ سے اسلام کی شان و شوکت بڑے زورشور سے ظاہر ہوئی اور ہمیں خدا تعالیٰ کا قرب اور محبت حاصل ہو گئی۔پھر دنیاوی رنگ میں بھی ہماری جماعت کے لوگوں پر بڑے بڑے فضل ہوئے، ان کے مصائب دور ہو گئے۔ خداتعالیٰ نے انہیں عزتیں دیں،ا ن کے دشمن ہلاک اور رُسوا ہوئے ۔اورا ب اگرچہ احمدیوں کو کافر ہی کہتے ہیں لیکن یہ بھی مانتے ہیں اگر کوئی گروہ قابل عزت ہے تو یہی ہے۔ یہاں جھنگ کے ضلع سے ایک شخص آیا کرتا ہے اس کے دوسرے رشتہ دارچور اور ڈاکو ہیں اور اُسے کہتے رہتے ہیں کہ تو احمدیت کو چھوڑ دے اس بات کے لئے اسے بہت تکلیف بھی دیتے ہیں اور وہ ان سے بھاگ کر یہاں آجاتا ہے۔لیکن چونکہ گھر کا کام کاج بہت اچھی طرح کرتا ہے اس لئے اسے پھر بلا لیتے ہیں۔ اُس کے ساتھ تمام لوگ یہاںتک عداوت اور دشمنی کرتے ہیں کہ اس سے مل کر کھانا نہیں کھاتے اور پانی تک نہیں پیتے۔ لیکن جب کوئی چوری ہو اور اس کے رشتہ داروں پر اس کا شبہ ہو تو آکر کہتے ہیں کہ اگر یہ کہہ دے کہ تم نے چوری نہیں کہ تو ہم مان لیں گے۔ وہ یہاں آکر کہا کرتا ہے کہ ایسے موقع پر میرے لئے بہت مشکل ہو جاتی ہے۔ اگر میں سچ بات کہوں تو میرے رشتہ دار مجھے مارتے ہیں کہ تو نے کیوںہماری چوری بتا دی ؟اور جھوٹ میں کہہ نہیں سکتا۔ اُن کو بہتیرا کہتاہوں کہ مجھ سے کیوں پوچھتے ہو مجھے تو تم کافر کہتے ہو جائو کسی اور سے دریافت کر لو لیکن وہ نہیں مانتے اور کہتے ہیںکہ تو ہے تو کافر لیکن جھوٹ کبھی نہیں بولتا ہم تجھ سے ہی گواہی لیں گے۔ جب وہ اس بات پر زور دیتے ہیں تو میرے رشتہ دار بھی مجھے کہتے ہیں کہ تم گواہی دے دو لیکن ساتھ ہی اشاروں سے بھی کہتے ہیں کہ ہمارا نام نہیں لینا لیکن میں سچی گواہی دے دیتا ہوں اِس پر وہ مجھے مارتے اور تنگ کرتے ہیں۔ توہمارے دشمنوں کو اقرار ہے کہ ہماری جماعت کے لوگ جھوٹ نہیں بولتے اور یہ بھی وہ مانتے ہیں کہ مرزا صاحب کے ماننے کی وجہ سے ان میں یہ تبدیلی پیدا ہوئی ہے۔ وہ ہماری جماعت کے لوگوں کی عزت کرتے اور دوسروں سے بڑھ کر اعتبار کرتے ہیں تو یہ ہم پر کس قدر خدا تعالیٰ کے فضل ہیں۔ پھر ہماری جماعت کا ہر ایک فرد غور کرے تو اسے معلوم ہو جائے گا کہ اس کے راستہ میں کس قدر مشکلات اور مصائب آئیں مگر مسیح موعود علیہ السلام کے ماننے کی وجہ سے اس کی ہر مشکل کس طرح دور ہو گئی۔
پس اگر ہم خدا تعالیٰ کے ان فضلوں کو دیکھیں جو حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی وجہ سے ہم پر ہوئے ہیں تو معلوم ہوتا ہے کہ خدا تعالیٰ کے دین کی اشاعت کے لئے ہم جتنی بھی کوشش کریں اُسی قدر تھوڑی ہے ۔میں یہ مانتا ہوں کہ ہماری جماعت کے لوگ جس قدر دین کی خدمت کرتے ہیں اس قدر اَور کوئی نہیں کرتا اور نہ کر سکتا ہے لیکن میں کہتا ہوں کہ ہماری جماعت کے لوگوں کو یہ دیکھنا چاہئے کہ اللہ تعالیٰ کے انعامات کے مقابلہ میں ہم نے کس قدر شکر گزاری کی ہے۔ یہ اَور بات ہے کہ ہم خدا تعالیٰ کی شکر گزاری کرتے ہیں لیکن انعام کے مقابلہ میں یہ شکرگزاری بہت کم ہے اور کسی چیز کا اعلیٰ درجہ کا ہونا مقابلہ سے ہی ثابت ہوتا ہے۔ ایک اینٹ بھی سطح زمین سے اُونچی ہوتی ہے مگر ایک مکان سے اُونچی نہیں۔ اسی طرح کئی چیزیں ایسی ہوتی ہیں جو اعلیٰ ہوتی ہیں مگر دوسری کے مقابلہ میں اعلیٰ نہیں ہوتیں۔ ہم ایک ایسے شخص کو جو کچھ کام کرتا ہے ان لوگوں سے اچھا کہیں گے جو سارا دن بیکار پڑے رہتے ہیں۔ لیکن اس کو اس مقابلہ میں اچھا نہیں کہہ سکتے جو سارا دن کام کرتا ہے کیونکہ جس قدر وہ مزدوری پاتا ہے کام اس سے بہت کم کرتا ہے۔
پس ہماری جماعت کو یہ نہیں دیکھنا چاہئے کہ ہم دوسرے لوگوں سے بڑھ کر کیا کرتے ہیں بلکہ یہ دیکھنا چاہئے کہ خدا تعالیٰ نے جو انعام اسے دیئے ہیں ان کے مقابلہ میں وہ کیا کرتی ہے۔ اگر ہماری جماعت کا کوئی شخص اپنے مال کا کچھ حصہ خدا کی راہ میں دیتا ہے تو وہ ان لوگوں سے اچھا ہے جو کچھ بھی نہیں دیتے۔ مگر سوال یہ ہے کہ اس نے خدا تعالیٰ کے انعامات کے مقابلہ میں کیا دیا ہے؟ اُسے تو چاہئے کہ اپنا مال ، اپنی جائیداد ، اپنا وقت ، اپنی جان سب کچھ خدا کی راہ میں قربان کر دے۔ کیا اللہ تعالیٰ کے جوانعامات اس پر ہوئے ہیں وہ اس قابل نہیں کہ وہ اپنا سب کچھ خداتعالیٰ کے راستہ میں صرف کر دے؟ ضرور ہیں ۔اور ایسا ہی ہر ایک مومن کو کرنا بھی چاہئے لیکن جو ایسا نہیں کرتا مجھے ڈرہے کہ وہ ان لوگوں میں سے نہ ہو جو کے نیچے آتے ہیں۔لڑتے تو یہودی بھی تھے۔ اُنہوں نے کئی لڑائیاں لڑیں مگر ایک ہی دفعہ کے انکار سے ناشکروں میں گنے گئے اور چالیس سال پیچھے ڈال دئیے گئے۔ا ن میں سے بہتوں نے خدا کے راستہ میں جانیں بھی دیں مگر ایک جگہ رہ جانے کی وجہ سے ناکام ہو گئے اور انہیں وہ ملک دیکھنا نصیب نہ ہوا جس کا انہیں وعدہ دیا گیا تھا۔ پس تم لوگ اپنی خدمتِ دین پرمت گھمنڈ کرو۔ یہاں خدمت کا سوال نہیں بلکہ سوال یہ ہے کہ تم نے انعام کے مقابلہ میں کیاخدمت کی ہے۔ بس اس کی فکر کرو اور اپنے اعمال کو ایسا بنائو جو خدا تعالیٰ کے انعامات کے مطابق ہوں۔ا گر ہماری جماعت اس وقت ان ذمہ داریوں کو سمجھتی جو اس کی ہیں تو یہ موجودہ حالت نہ ہوتی۔ اگر ساری جماعت میں سے تیسرا حصہ بھی اپنے فرائض کو پوری طرح انجام دیتا تو بھی یہ حالت نہ ہوتی کہ آئے دن مختلف صیغوں کے آفیسر روپیہ کی کمی کی شکایت کرتے رہتے لیکن لوگوں نے اپنے فرائض اور ذمہ داریوں کو سمجھا نہیں۔ بعض تو کہہ دیتے ہیں کہ ہمارا روپیہ کسی اَور کام میں لگا ہوا ہے اس لئے دینے کے لئے کچھ نہیں، بعض کوئی اَور عذر کر دیتے ہیں حالانکہ اللہ تعالیٰ یہ نہیں کہتا کہ تم اپنا سارامال میری راہ میں خرچ کرو بلکہ یہی کہتا ہے کہ ۹؎ جو ہم نے تمہیں دیا ہے اس میںسے کچھ ہمیں دو لیکن عجیب بات ہے کہ اس میں سے بھی خدا کی راہ میں دینے سے پہلو تہی کرتے ہیں۔ یہ تو ایسی بات ہی ہے کہ ایک شخص کسی کو ایک روپیہ دے اور اسے کہے کہ اس میں سے تم دو پیسے تو مجھے لا دینا اور باقی اپنے پاس رکھ لینا لیکن وہ کہہ دے کہ میں تمہیں اس میں سے کچھ نہیں دوں گا پورا روپیہ اپنے ہی پاس رکھوںگا۔ اگر کوئی ایسا کرے تو یقینا تمام لوگ اُس پر لعنتوں کا مینہ برسائیں گے مگر بہت ایسے ہیں جوا للہ تعالیٰ کے ساتھ ایسا ہی کرتے ہیں۔ خدا تعالیٰ اُنہیں مال اموال دے کر کہتا ہے کہ اس میں سے کچھ میرے راستہ میں بھی خرچ کرو مگر وہ کہتے ہیں کہ کیا ہماری ضرورتیں کم ہیں کہ تیرے لئے خرچ کریں!! اگر ایسے لوگ سوچتے کہ ہمیں تو یہ سب کچھ دینے والا ہی کہہ رہا ہے کہ کچھ میری راہ میں د و تو ضرور دے دیتے کیونکہ وہ تو سارا بھی لے سکتا ہے مگر بہت کم ہیں ایسے لوگ جو اِس بات کو سوچتے اور خدا کی راہ میں خرچ کرتے ہیں۔ دو پیسے یا تین پیسے فی روپیہ چندہ مانگا جائے تو شور مچا دیتے ہیں۔ ہم تو کہتے ہیں تم سے انجمن اپنے لئے نہیں کچھ مانگتی بلکہ خدا کے لئے مانگتی ہے اور جو کچھ تم سے لیا جاتا ہے وہ خدا کی راہ میں صرف ہوتا ہے۔ پس جس نے تمہیں ایک روپیہ دیا ہے اس کے لئے اس میں سے تین پیسے دینا کہاں کی موت ہے۔ ایسا شخص سوچے کہ مجھے سوا پندرہ آنے جو مل گئے ہیں کیا یہ کم ہیں؟ وہ اس پر کیوں گھبراتا ہے کہ مجھے تین پیسے دینے پڑے۔ اللہ تعالیٰ میں طاقت ہے اور وہ ایسا کر سکتا ہے کہ اُس کی آمدنی کم کر دے اور یہ بھی کر سکتا ہے کہ اپنے دین کے لئے کوئی اَور سامان پیدا کر دے۔پھر اپنے ہاتھ سے اُس کی راہ میں کیوں نہ دے دیاجائے۔ وہ تو اپنے لئے خود بھی کاٹ سکتاہے۔
حضرت مسیح موعود علیہ السلام سنایا کرتے تھے کہ ایک بادشاہ تھا اس کا خرچ بہت بڑھ گیا تو اس نے خرچ کے کم کرنے کے لئے کچھ نوکر موقوف کردئیے۔ رات کو اس نے رئویا دیکھی کہ خزانوں کے دروازے کھلے ہیں اور روپوئوں کی گاڑیاں بھر بھرلے جائی جا رہی ہیں۔ اُس نے پوچھا تم کون ہو اور کیا کررہے ہو؟ا یک نے کہا کہ ہم فرشتے ہیں اور خدا تعالیٰ نے ہمیں کہا ہے کہ ہم پہلے ان لوگوں کو اِس شخص کی معرفت دیتے تھے اب اس نے ان کو نکال دیا ہے اس لئے جہاں جہاں وہ جائیں اُن کے لئے وہیں پہنچائو اِس لئے ہم یہ گاڑیاں بھر بھر کر لے جا رہے ہیں۔ا ُس نے صبح اُٹھ کر تمام ملازمین کو واپس بلا لیا۔
تو خدا تعالیٰ اس رنگ میں بھی دلواتا ہے جو لوگ خدا تعالیٰ کے لئے خرچ کرتے ہیں ان کی آمدنیوں میں ترقی ہوتی ہے مگر باوجود اس کے ہماری جماعت میں سے ایک حصہ ایسا ہے جو خداتعالیٰ کے رستہ میں خرچ کرنے سے غفلت کرتا ہے اور غفلت کاہلی کا نتیجہ ہوتا ہے۔ اسی طرح اور بہت سی غفلتیں اور سستیاں ہیںا گر ہماری جماعت ان کو دور نہیں کر ے گی تو اس کے لئے خوشی کرنے کی کوئی وجہ نہیں ہے۔ اوّل تو اللہ تعالیٰ ہی بہتر جانتا ہے کہ اِس پیشگوئی کے کیا معنی ہیں لیکن اگر وہی معنی ہیں جو ہم نے سمجھے ہیں تو بھی ہماری جماعت کو بہت ڈرنا چاہئے۔
اللہ تعالیٰ ہماری جماعت پر اپنا فضل کرے اور اِس کی سستی اور غفلت کو دور کردے، کوتاہیوں اور کمزوریوں کو معاف فرماد ے۔ وہ بہت بڑا بادشاہ ہے ہم کمزور ہیں وہ ہماری کمزوریوں کو دور کردے۔ ہم ناطاقت ہیں وہ ہماری ناطاقتی کا علاج کر دے اور ہمیں اپنے انعامات کے قابل بنا دے۔ اور ہمیں کسی سال کا منتظر نہ بنائے کہ ہم دیکھتے رہیں وہ کب آئے گا بلکہ ہمارے اندر ایسا اخلاص اور ایسا تقویٰ پیدا کردے کہ ہمارے لئے ہر گھڑی اور ہر سال ہی مبارک ہو اور ہمیں کسی خاص سال کے انتظار کی ضرورت نہ رہے۔ آمین ثم آمین۔
(الفضل۱۱،۱۴؍ نومبر ۱۹۱۶ئ)
۱؎ ابراہیم:۸
۲ ؎ دانیال باب ۱۲ آیت ۱۲
۳؎ انا ارسلنا الیکم رسولا شاھداً علیکم کما ارسلنا الی فرعون رسولا (مزمل:۱۶)
۴؎ قال فانھا محرمۃ علیھم اربعین سنۃ (المائدۃ:۲۷)
۵؎ النسائ:۱۶۵
۶؎ متی باب ۲۴ آیت ۴۳
۷؎ المائدہ:۲۵
۸؎ ترمذی ابواب الزھد باب ماجاء فی فناء اعمار ھذہ الامۃ مابین الستین
الی السبعین
۹؎ البقرۃ:ـ۵
۳۷
بغض اور حسد
(فرمودہ ۱۰؍ نومبر ۱۹۱۶ء غیر مطبوعہ)
تشہد، تعوذ اور سورۃ فاتحہ کی تلاوت کے بعد حضور نے سورۃ المائدہ کی درج ذیل آیت کی تلاوت کی:۔
۱؎
اور فرمایا:۔
’’بغض اور حسد انسان کی آنکھوں پر پٹی باندھ دیتا ہے ایک بالکل سیدھی اور صاف بات ہوتی ہے لیکن جب بغض اور حسد دل میں ہو تو اس کا سمجھنا نہایت مشکل ہو جاتا ہے۔ دوسروں کے لئے وہ بات بالکل صاف اور واضح ہوتی ہے مگر جس کے دل میں بغض ہوتا ہے اس کے نزدیک اس سے زیادہ پیچیدہ کوئی ہوتی ہی نہیں ۔ پادریوں کے ان اعتراضات کو دیکھ کر جو وہ اسلام پر کیا کرتے ہیں مجھے حیرت ہوتی تھی کیونکہ وہ عجیب عجیب قسم کے ہوتے تھے۔ چنانچہ میں نے ایک پادری کا اعتراض پڑھا ہے۔وہ بہت زور کے ساتھ لکھتا ہے کہ اسلام اس لئے سچا مذہب نہیں کہ یہ شرک کی تعلیم دیتا ہے۔ اسلام اور شرک ان میں تو اِس قدر بُعد اور فاصلہ ہے کہ ان کے ملنے کا کسی کو خیال بھی نہیں آسکتا۔ کیونکہ اسلام جس طرح توحید کا اعلان کرتا اور نجات کا دارومدار اِسی پر قرار دیتا ہے اور کونسا مذہب ہے جو اس طرح کرتا ہے۔ لیکن تعجب ہے کہ پھر بھی اسلام پر یہ اعتراض کیا جاتا ہے اور پھر مسیحوں کی طرف سے کیا جاتا ہے جو خود تین خدائوں کو ماننے والے ہیں کہ اسلام شرک کی تعلیم دیتا ہے۔ اس سے معلوم ہو سکتا ہے کہ بغض کی وجہ سے کس طرح آنکھوں پر پردہ پڑ جاتا ہے۔ عیسائی صاحبان اسلام میں جو سب سے بڑی بات ہے اس کا انکار کرتے ہیں۔ جو اِس بات کا ثبوت ہے کہ بغض کی وجہ سے انسان اندھا ہو جاتا ہے۔
ابھی کچھ دن ہوئے میں نے ایک اخبار پڑھا اس کے ایک فقرہ کو دیکھ کر مجھے سخت حیرت ہوئی۔ جو تازہ مثال تھی بغض اور حسد میں انسان کے اندھا ہونے کی۔ اس مضمون کا ہیڈنگ تھا"احمد مجتبیٰ صلی اللہ علیہ وسلم کا انکار اور اس کا جواب ‘‘یہ مضمون میرے خلاف لکھا گیا ہے۔ اس ہیڈنگ کا مطلب یہ ہے کہ گویا ہم آنحضرت صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے رسول ہونے کا انکار کرتے ہیں اور وہ اس کا جواب دیتے ہیں اور اس مضمون کے لکھنے والا ایک ایسا شخص ہے۔ جو کسی جماعت کا خلیفہ یا امیر ہونے کا مدعی ہے۔ ایسے انسان کے لئے تو بہت ضروری ہے کہ دوسرے کی طرف کوئی بات منسوب کرتے وقت بہت احتیاط سے کام لے اور خوب سوچ سمجھ لے کہ میں کیا کرنے لگا ہوں ۔ اپنے مضمون کا یہ ہیڈنگ رکھتے وقت اسے اتنا تو سوچ لینا چاہئے تھا کہ یہ مضمون اخبار میں چھپے گا اور ان کے پاس بھی پہنچے گا جن کے متعلق لکھا گیا ہے۔ اُس وقت کس قدر میری دیانت داری ظاہرہوگی۔ لیکن اس شخص کی یہ جرات کیسی حیرت انگیز ہے۔ یہ تو ہوسکتا ہے کہ کوئی شخص کسی اعتراض کا جواب دے اور وہ ٹھیک اور صحیح نہ ہو۔ اور یہ بھی ہوسکتا ہے کہ وہ دوسرے کی بات کو غلط، بیہودہ لغو یا جو کچھ جی میں آئے کہے مگر ایسے شخص پر ہم بدیانتی کا الزام نہیں لگا سکتے۔ لیکن وہ شخص جو اپنے دشمن کی طرف ایک ایسا عقیدہ منسوب کرتا ہے جس کا رکھنا وہ کفر سمجھتا ہے اور جس کے خلاف وہ دوسروں کو تعلیم دیتا ہے وہ اس بات کو پایۂ ثبوت تک پہنچا دیتا ہے کہ بغض نے اُس کو اندھا کر رکھا ہے۔ کیونکہ اگر اُس کے دل میں بغض نہ ہوتا تو وہ دیکھتا کہ میں نے کیا لکھا ہے۔
حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے خلاف وہ لوگ جو اس رنگ میں لکھتے تھے کہ یہ مسیح موعود ہونے کا دعوی کرتا ہے لیکن مسیح موعود ہے نہیں۔ ہم ایسے لوگوں کو غلطی خوردہ تو کہتے تھے اور ان کے دلائل کو بودے اور لغو قرار دیتے تھے لیکن انہیں بد دیانت نہیں کہتے تھے۔ مگر ایک اس قسم کے لوگ بھی تھے جو کہتے تھے کہ مرزا نے نیا قرآن بنا لیا ہے۔ کلمہ نیا بنا لیا ہے نماز نئی تجویز کر لی ہے۔ آنحضرت صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا انکار کر دیا ہے وغیرہ وغیرہ ایسے لوگوں کو ہم شرارتی اور بددیانت کہتے تھے اور اب بھی کہتے ہیں۔ کیوں؟ اس لئے کہ وہ وہ باتیں حضرت مسیح موعود کی طرف منسوب کرتے ہیں جو بالکل غلط اور جھوٹ ہیں بعینہٖ اِس وقت اِس شخص کا حال ہے جو ہمارے متعلق لکھتا ہے کہ ’’احمد مجتبیٰ صلی اللہ علیہ وسلم کا انکار اور اس کا جواب‘‘ہم کب رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کا انکار کرتے ہیں۔ اگر ہم نے کہیں انکار کیا ہے تو اس کو پیش کرنا چاہئے ہاں اگر ہمارا کوئی دعویٰ ہے جس کو ہم باربار پیش کرتے ہیں تو وہ یہ ہے کہ انحضرت صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم کا نام احمد نہیں تھا۔ آپ کے والدین نے آپ کا نام احمد نہیں رکھا۔ مگر دیکھو اس فقرہ کے کیا معنی ہیں کہ ’’احمد مجتبیٰ صلی اللہ علیہ وسلم کا انکار اور اس کا جواب‘‘ ہر ایک شخص اس کے یہی معنی سمجھے گا کہ کسی نے آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی نبوت اور رسالت سے انکار کیا ہے اور اس کا جواب دیا گیا ہے۔ کیونکہ جب یہ کہا جاتا ہے کہ فلاں نے محمد صلی اللہ علیہ وسلم کا انکار کر دیا ہے تو اس کا یہ مطلب نہیں ہوتا کہ اس نے آنحضرت صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا محمد نام ہونے سے انکار کیا ہے بلکہ یہ کہ اس نے محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی نبوت سے انکار کیا ہے۔ چنانچہ ہنددئوں عیسائیوں اور دوسرے مذاہب والوں کو جب کہا جاتا ہے کہ یہ محمد صلی اللہ علیہ وسلم کے منکر ہیں تو کیا اس سے یہ مراد ہوتی ہے کہ وہ آپؐ کے نام کے منکر ہیں؟ یعنی وہ اس بات سے انکار کرتے ہیں کہ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کا نام محمد نہیں تھا ہرگز نہیں یا جب غیر احمدیوں کی نسبت کہا جاتا ہے کہ یہ حضرت مرزا صاحب کے منکر ہیںتو کیا اس کے یہ معنی ہوتے ہیں کہ وہ آپ کے مرزا ہونے کے منکر ہیں۔نہیں بلکہ یہی کہ وہ آپ کی مسیحیت، مہدویت اور مجددیت کے منکر ہیں۔ اسی طرح محمد صلی اللہ علیہ وسلم کے انکار سے یہی مراد ہوتی ہے کہ آپؐ کی رسالت اور نبوت کا انکار۔
تو جو شخص ہمارے متعلق یہ لکھتا ہے کہ ’’احمد مجتبیٰ صلی اللہ علیہ وسلم کا انکار‘‘ وہ یا تو ایسا نادان اور جاہل ہے کہ صحیح اُردو بھی نہیں جانتا اس لئے اس نے اپنی نادانی سے یہ الفاظ ہمارے متعلق لکھ لئے ہیں۔ یا یہ کہ اس نے دیدہ دانستہ شرارت سے کام لیا اور ان الفاظ سے ہماری طرف وہی معنی منسوب کئے جو اس فقرہ کے لئے جاسکتے ہیں۔یعنی یہ کہ ہم نے آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی نبوت اور رسالت سے انکار کر دیا ہے۔ حالانکہ وہ خوب جانتا ہے کہ ہم آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کو خداتعالیٰ کا سچا رسول یقین کرتے اور اور آپ کی رسالت کے (نَعُوْذُ بِاللّٰہِ)منکر نہیں ہیں۔ حج، روزہ، زکوٰۃ دیتے ہیں۔ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی لائی ہوئی شریعت پر عمل کرتے ہیں۔ یا ان کے نزدیک کم از کم یہ تو ہے کہ عمل کرنے کی کوشش کرتے ہیں اور اس بات کو وہ بھی تسلیم کرتے ہیں۔ پس ایسی صورت میں اور پھر جبکہ اِس پر کوئی بحث ہی نہیںکہ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی رسالت حق تھی یا نہیں، اس کا کسی نے انکار کیا ہے یا نہیں تو جو شخص ہمارے متعلق لکھتا ہے کہ ’’احمد مجتبیٰ صلی اللہ علیہ وسلم کا انکار‘‘وہ بڑا ہی بد دیانت اور کمینہ شخص ہے۔ ہم تو رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے انکار کرنے والے کو کافر سمجھتے ہیں اور ایسے شخص کو بھی نجات پانے والا نہیں سمجھتے۔ جس کو وہ سمجھتے ہیں۔ کیونکہ وہ تو کہتے ہیں کہ نجات کے لئے لاَ اِلٰہَ اِلاَّ اللّٰہ ہی کہنا کافی ہے۔ خواہ اس کے وہ کچھ معنی کریں مگر ہم تو صاف طور پر کہتے ہیں کہ لَا اِلٰہَ اِلاَّ اللّٰہ کہنا کافی نہیںاس کے ساتھ محمد رسول اللہ کہنا بھی ضروری ہے۔
جو شخص ہماری طرف یہ بات منسوب کرتا ہے۔ وہ ایم۔ اے ہے اور کسی زمانہ میں ایڈیٹر بھی رہ چکا ہے اور اب امیر کہلاتا ہے۔ کیا وہ اتنا بھی نہیں جانتا کہ ’’احمد مجتبیٰ صلی اللہ علیہ وسلم کا انکار‘‘کے کیا معنی ہیں؟اُردو سے بہت تھوڑی واقفیت رکھنے والا شخص بھی اس کے یہ معنی کبھی نہیں کرے گا کہ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کے’’ احمد نام کا انکار‘‘ بلکہ یہی کرے گا کہ’’ آپؐ کی نبوت اور رسالت کا انکار۔‘‘ پس جب اس کے یہی معنی ہیں تو وہ شخص جو ایم۔ اے ہے اور اُردو میں مضمون لکھتا رہا ہے اُس کے متعلق یہ تو کہا نہیں جاسکتا کہ اس نے نادانی سے یہ لکھ دیا اور اسے اس کے معنی معلوم نہ تھے بلکہ یہی کہا جائے گا کہ اس نے دھوکا دینے اور ہمارے خلاف جوش پھیلانے کے لئے ایسا کیا ہے۔ لیکن وہ یاد رکھے کہ یہ ہم پر حملہ نہیں کیا گیا۔ ہم تو خدا کے فضل سے آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کو مانتے ہیں اور ہم اللہ تعالیٰ کا شکر کرتے ہیں کہ اس نے ہمارے مخالف سے ایسی تحریر لکھوادی کہ جس سے اُس کی دیانت اور امانت کا پردہ فاش ہوگیا ہے۔ ہم تو رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم اور خداتعالیٰ کا ہر ایک حکم ماننا اپنا فرض سمجھتے ہیں اور آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کو خداتعالیٰ کا سب سے پیارا اور محبوب انسان یقین کرتے ہیں اور اس بات کا ہمارے مخالفین کو بھی علم ہے کہ ہم ااس بات کے مدعی ہیں۔ وہ ہمیں یہ تو کہہ سکتے ہیں کہ تم عمل میں پورے نہیں اُترتے لیکن ہمارے مدعی ہونے سے انکار نہیں کر سکتے۔ لیکن باوجود اس کے ان پر وہی بات صادق آرہی ہے کہ دشمنی کی وجہ سے انسان حق کو چھپا دیتا ہے۔ اِسی لئے خداتعالیٰ نے فرمایا ہے کہ کبھی دشمنیاں اور عداد تیں انسان کو تقویٰ سے خارج کر دیتی ہیں۔ خداتعالیٰ فرماتا ہے ۔ تم کسی سے اتنی دشمنی نہ کرو کہ تقویٰ سے خارج ہو جائو۔ اب ہم دیکھتے ہیں کہ ہمارے دشمن اسی قسم کی دشمنی ہم سے کردیتے ہیں اور یہ بھی ہماری صداقت کا ثبوت ہے کہ ایک فریق بتا رہا ہے کہ اس میں دیانت اور امانت نہیں رہی۔ کیونکہ اگر ہوتی تو اس کا امیر یہ فقرہ کبھی نہ لکھتا۔ اِس فقرہ کا لکھنا صاف طور پر بتا رہا ہے کہ وہ بددیانتی سے ہمارے خلاف لوگوں کو بھڑکانا چاہتا ہے۔ مگر وہ نہیں سمجھتا کہ ہمیں ان بھڑکنے والوں کا کیا ڈر ہوسکتا ہے۔ کیا وہ ہمارے خدا ہیں کہ ہم ان کے بھڑکنے سے ڈر جائیں گے؟ اور کیا ہم ان کے خلاف پہلے کچھ نہیں کہتے کہ اب وہ ناراض ہوں گے؟ وہ ہمارے حضرت مرزا صاحب، مسیح موعود کہنے سے کب خوش ہوتے ہیں اور وہ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کے بعد آپؐ کی اتباع میں کسی نبی کے آنے کو کب پسند کرتے ہیںاور پھر وہ اس بات کو کب پسند کرتے ہیں کہ ان پر حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے انکار کی وجہ سے ہم کفر کا فتویٰ لگائیں۔ ہمیں ان کی ناراضگی کی کوئی پرواہ نہیں کہ ان کی خوشی اور نا خوشی کو خاطر میں لائیں اورنہ ہی وہ ہمارے خدا ہیں کہ انہیں ہم خوش کریں۔ وہ ہمیں کوئی نقصان نہیں پہنچا سکتے۔ ہاں خداتعالیٰ سب کچھ کر سکتا ہے لیکن اُس کی نسبت ہمارا یقین بلکہ ایمان ہے کہ وہ ہمارے ساتھ ہے اور ہم سے ناراض نہیں ہے ۔اور جو تعلیم ہم دنیا کے سامنے پیش کرتے ہیں وہ عین اُس کی منشاء اور ارادہ کے ماتحت ہے ۔اور ہم اس کی تائید و نصرت کو اپنے ساتھ پاتے ہیں۔ باوجود اس کے کہ ان کی نسبت ہم غیر احمدیوں سے سخت برتائو کرتے ہیں لیکن ان کے مقابلہ میں ہماری تعداد بہت بڑھ رہی ہے۔ وہ غیراحمدیوں کو خوش کرنے کی کوشش کرتے ہیں مگر وہ ان سے خوش نہیں ہوتے۔ اِس کے علاوہ اَور بھی ہم پر خداتعالیٰ کے فضل ہیں۔
دعائوں کی قبولیت کے متعلق بھی ہم کہہ سکتے ہیں کہ ہماری دعائیںخاص طور پر قبول ہوتی ہیں۔ پھر اللہ تعالیٰ کے فضل سے ہمیں دین کی خدمت کا بھی بہت زیادہ موقع ملتا رہتا ہے یہ اور اس قسم کی اور بہت سی باتیں ثبوت ہیں اس بات کا کہ خداتعالیٰ ہمارے ساتھ ہے اور ہم یقین رکھتے ہیں کہ حق پر ہیں۔ بہت سے لوگوں کو کشوف اور خوابوں کے ذریعہ ہماری صداقت کا یقین دلایا گیا ہے۔ اس میں شک نہیں کہ سب الہام قابل قبول نہیں ہوتے اور یہ خصوصیت صرف انبیاء کے الہاموں کو ہی ہوتی ہے۔ مگر جب عوام کو ایک ہی بات کے متعلق الہام ہوں اور پھر خداتعالیٰ کافضل بھی اس کی شہادت دے رہا ہو تو ایسے الہام ضرور قبول کرنے کے قابل ہوتے ہیں۔پس جب خداتعالیٰ کا قول اور فعل شہادت دے رہا ہے کہ ہم حق پر ہیں اور جس راستہ پر ہم چل رہے ہیں اسی پر خداتعالیٰ ہمیں چلانا چاہتا ہے تو اس کی طرف سے ہمیں کوئی خوف نہیں۔ اور جب اس کی طرف سے خوف نہیں تو اس کے بغیر کسی اور سے ہو ہی نہیں سکتا۔
ساری دنیا پہلے کونسی ہماری دوست ہے کہ اب دشمن ہو جائے گی۔ لیکن اب اگر دشمنی بڑھ بھی جائے اول تو بڑھ ہی نہیں سکتی۔ اس مضمون کے شائع ہونے سے کیا ہو گیا ہے؟ کیا ہماری جماعت مٹادی گئی ہے؟ یا ہماری تبلیغ میں کمی آگئی ہے؟ یا کسی اور طرح سے ہمیں کچھ نقصان پہنچا ہے؟ کچھ نہیں۔ ہم خدا کے فضل سے پہلے کی طرح ہی امن و امان کی زندگی بسر کر رہے ہیں اور اپنے کام میں مشغول ہیں لیکن اگر یہ فرض بھی کر لیا جائے کہ اِس مضمون کی وجہ سے ہمارے خلاف دشمنی زیادہ زور دار ہوگئی ہے تو ہمارے دشمن کر ہی کیا سکتے ہیں۔ خداتعالیٰ نے تلوار ان سے پہلے ہی چھینی ہوئی ہے۔ چونکہ ہمیں خداتعالیٰ نے تلوار کے ساتھ نہیں بھیجا تھا اس لئے ہمارے مخالفوں سے بھی اس نے تلوار چھین لی۔اور چھین کر ایک ایسی قوم کے ہاتھ میں دیدی ہے جو ہزاروں میل سے یہاں آئی ہے۔ اب اگر کوئی تلوار یا کسی اور َاوزار کو استعمال کرتا ہے تو وہ اسے سزا دیتی ہے اس لئے ہمارے دشمن کیا کر سکتے ہیں۔ خداتعالیٰ نے تو ہماری حفاظت اور نگہبانی کے سامان خود ہی پیدا کر دیئے ہوئے ہیں۔ پھر ہم حق پر ہیں۔ اگر یہ حکومت نہ بھی ہوتی تو جس خدانے مکہ کی خطرناک بستی سے آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کو دشمنوں سے بچایا تھا وہی ہمیں بھی بچا سکتا تھا۔ پس ہمارے مخالف ہمارے دشمنوں کو اُکسا کر اور اشتعال دلا کر کس نتیجہ کے امید وار ہیں؟ ہمیں تو ان لوگوں کی طرف سے ذرا بھی خوف و خطر نہیں ہے۔ ہاں اگر وہ یہ سمجھتے ہیں کہ غیراحمدی خدا کی طرح طاقت رکھتے ہیں تو اس کا ہمیں علم نہیں۔ مگر ان کا قول اور فعل بتا رہا ہے کہ وہ غیراحمدیوں میں ہمارے خلاف جو ش پھیلانا اور خود اُن کی محبت حاصل کرنے کو کچھ سمجھتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ وہ اس بات کو بڑے زور شور سے غیر احمدیوں کے سامنے پیش کیا کرے ہیں کہ تم کو یہ لوگ کافر کہتے ہیں،یہ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کے بعد ایک شخص کو نبی تسلیم کرتے ہیں۔اور انہوں نے ختم نبوت کو توڑ دیا ہے اور اب ’’احمد مجتبیٰ صلی اللہ علیہ وسلم کا انکار‘‘ بھی ہماری طرف منسوب کر دیا ہے۔ لیکن ان کے ایسا کرنے سے ہمیں کیا نقصان پہنچا؟ کچھ بھی نہیں۔ اور سوائے اس کے اور کوئی نتیجہ نہ نکلا کہ ایسا کرنے والوں کے تقویٰ کی چادر پھٹ گئی اور ان کی اندرونی حالت ظاہر ہوگئی۔
ہم تو خدا کے فضل سے جس چٹان پر کھڑے ہیں۔ اُس پر اب بھی ہمیں کوئی نقصان نہیں پہنچ سکا۔ ہمارے دل خداتعالیٰ نے مضبوط کر دئیے ہیں اور ہمارے ایمان خدا کے فضل سے بہت طاقتور ہیں۔ ہم تو خداتعالیٰ کے رستہ پر مرنا اور ٹکڑے ٹکڑے ہونا اپنے لئے عین سعادت اور کامیابی سمجھتے ہیں۔ پھر وہ کس طرح ہم سے امید رکھتے ہیں کہ ان کے اس طرح کرنے سے ہم ڈر جائیں گے۔ اگر خداتعالیٰ کی یہ سنت نہ بھی ہوتی کہ سچے سلسلے ہمیشہ فتح پاتے اور کامیاب ہوتے ہیں اور ہمارے لئے خداتعالیٰ کے لئے ٹکڑے ٹکڑے ہونا ہی مقدر ہوتا تو بھی ہم اِسی کو اپنی سعادت اور خوش قسمتی سمجھتے اور اس کو اپنے لئے خداتعالیٰ کا ایک بہت بڑا احسان سمجھتے کہ اس کی راہ میں ہمارا جسم اور جان کام آئی ہے۔ باقی یہ خداتعالیٰ کا فضل اور رحم ہے کہ اُس نے اپنے رسولوں کی جماعت کا دوسروں پر غلبہ مقدر کیا ہوا ہے اور انہیں کبھی ہلاک نہیں ہونے دیتا۔ یہ اُس کا فضل ہے اور ہم اِس فضل کی بڑی قدر کرتے ہیں اور بہت ہی شکر گزار ہیں کہ خداتعالیٰ نے ہمیںکسی خاص ابتلاء اور آزمائش میں نہیں ڈالا۔ پس ہمارے مخالفین سے جو کچھ ہو سکتا ہے کرتے پھریں اور آگے وہ اپنی طرف سے کونسی کمی کر رہے ہیں ہمیں خداتعالیٰ پر پورا پورا بھروسہ ہے کہ کامیابی ہمارے لئے ہی ہے۔
اگر کسی پیشگوئی کو کسی پر چسپاں کرنا اور کسی پر چسپاںنہ کرنا ایسا خطرناک ہے کہ اس کے انکار سے اس شخص کا انکار ہو جاتا ہے تو رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی کئی پیشگوئیاں ایسی ہیں کہ جن کا منکر صحابہ کرام کو قرار دینا پڑ ے گا۔ کیا یہ کوئی پوشیدہ بات ہے کہ حضرت عمر رضی اللہ عنہ نے ابن صیاد کے دجال ہونے پر رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے سامنے قسم کھائی اور آپؐ نے صرف اتنا فرمایا کہ اے عمر! اگریہ وہی دجال ہے جس کے متعلق پیشگوئی ہے تو تم اس کو قتل نہیں کر سکوگے۔ کیونکہ اِس کو مسیح موعود نے قتل کرنا ہے۔ اور اگر یہ نہیں تو اس کا قتل کرنا بے فائدہ ہے۔
اب وہ لوگ جو یہ کہتے ہیں کہ ایک پیشگوئی کو کسی دوسرے پر چسپاں کرنے پرخاموش نہ رہنا چاہئے اُن سے میں پوچھتا ہوں کہ اُس وقت رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے کیوں خاموشی اختیار کی پھر عمرؓ بھی اس پیشگوئی کے منکر ہوئے کیونکہ انہوں نے اس کو ابن صیاد پر چسپاں کر دیا اور اتنے یقین کے ساتھ کیا کہ خدا کی قسم بھی کھا لی۔
اس کے علاوہ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کے متعلق پہلی کتابوں میں بہت سی پیشگوئیاں ایسی ہیں جن میں سے بعض کے نزدیک کوئی آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم پر چسپاں ہوتی ہیں اور بعض کے نزدیک کوئی۔ لیکن ان پر کوئی شخص یہ فتویٰ نہیں لگاتا کہ انہوں نے آنحضرت صلی اللہ علیہ کا انکار کر دیا ہے اور یہ کافر ہوگئے ہیں۔ کیونکہ فلاں پیشگوئی کو آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کے متعلق نہیں مانتے ۔
دراصل بات یہ ہے کہ پیشگوئیاں دو قسم کی ہوتی ہیں۔ ایک وہ کہ جس کے متعلق کوئی پیشگوئی ہے اس کا اس پیشگوئی کی نسبت دعویٰ بھی کہ یہ میرے متعلق ہے اور دوسری وہ جن کے متعلق دعویٰ نہ ہو۔ پہلی قسم کی پیشگوئی کا انکار کرنے سے انسان کافر ہوجاتا ہے۔ مگر وہ پیشگوئی جس کے ساتھ دعویٰ نہ ہو اس کے انکار سے کافر نہیں ہوسکتا۔ مثلاً قرآن کریم کہتا ہے کہ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم مثیلِ موسیٰ ؑ ہیں اور آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے دعویٰ کیا ہے کہ میں مثیلِ موسیٰ ہوں۔ اب اگر کوئی یہ کہے کہ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم مثیل ِموسیٰ نہیں۔ تو وہ قرآن کریم اور آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کا منکر ہوگا۔ اِسی طرح خداتعالیٰ نے کہا ہے کہ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم ابراہیم کی دعا کے نتیجہ میں پیدا ہوئے اور آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے اِس بات کا بھی دعویٰ کیا ہے اب جو شخص یہ کہتا ہے کہ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم حضر ت ابراہیم کی دعا کے نتیجہ میں پیدا نہیں ہوئے وہ بے شک قابلِ عتاب ہے۔ مگر وہ پیشگوئیاں جو بائبل میں ہیں اور جن کا قرآن کریم میں کوئی ذکر نہیں ہے ان میں اگر کوئی اختلاف کرتا ہے اور کسی پیشگوئی کو آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کے متعلق نہیں سمجھتا تو اِس وجہ سے وہ قابلِ عتاب نہیں ہے کیونکہ ان پیشگوئیوں کو نہ تو آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنے اوپر چسپاں کیا ہے اور نہ ہی قرآن کریم نے آپؐ پر چسپاں کی ہیں۔یہی وجہ ہے کہ بعض کے نزدیک کوئی پیشگوئی آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم پر چسپاں ہوتی ہے اور بعض اس کو چسپاں نہیں سمجھتے بلکہ کسی اَور کو سمجھتے ہیں۔
میں نے جو بائبل پڑھی ہے اس میں میں نے ایسے مقامات پر نشانات لگا دئیے ہیں جن کو میں آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کے متعلق پیشگوئیاں سمجھتا ہوں۔ ہمارے مخالفین نے بھی بائبل کی بعض پیشگوئیوں کو آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم پر چسپاں کیا ہوگا۔ مگر ان میں ضرور فرق ہوگا۔ لیکن ان کے بعض پیشگوئیوں کو آپؐ کے متعلق استعمال نہ کرنے سے ہم یہ نہیں کہہ سکتے کہ انہوں نے آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کا انکار کر دیا ہے اور نہ ہمارے متعلق ان کا حق ہے کہ اس وجہ سے ہمیں آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کا منکر قرار دیں۔ کیونکہ ان پیشگوئیوں کی تعیین نہ تو الہام سے ہوئی ہے اور نہ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے ان کے متعلق دعویٰ کیا ہے کہ فلاں فلاں بات میرے متعلق ہے۔ پس جب خود اللہ تعالیٰ اور آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے ان کی تعیین کو چھوڑ دیا ہے تو اور کون ہے جو تعیین کرتا پھرے۔ اسی طرح اگر آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کا کوئی دعویٰ ایسا نکل آئے کہ آپؐ نے فرمایا ہو کہ اسمِ احمد کا میں مصداق ہوں تو ہم آج ہی اپنے دعویٰ کو چھوڑ نے کے لئے تیار ہیں۔ ہم تو بار بار کہہ رہے ہیں کہ کوئی صحیح حدیث دکھائو جس میں آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے اس پیشگوئی کو اپنے اوپر چسپاں کیا ہو لیکن کوئی نہیں دکھا سکتا۔ اور جہاں آپؐ نے فرمایا ہے کہ میں احمدہوں وہاں یہ بھی تو فرما دیا ہے کہ میں ماحی ہوں، میں حاشر ہوں اور میں عاقب ہوں۔ ۲؎ لیکن یہ سب آپؐ کی صفات ہیںنہ کہ نام۔ لیکن اگر نام ثابت بھی ہو جائے تو پھر بھی یہ ثابت نہیں ہوسکتا کہ آپؐ نے اپنے آپؐ کواِس پیشگوئی کا مصداق قرار دیا ہے۔ ذرا قرآن کریم کو تو دیکھو۔ اس میں مثیل موسیٰ کی نسبت تو کہا گیا ہے ۔ ۳؎
کہ یہ وہی رسول ہے جس کی موسیٰ ؑ نے پیشگوئی کی تھی۔ لیکن حضرت مسیح موعود کے متعلق یہ تو کہتا ہے کہ اس نے احمد کے آنے کی پیشگوئی کی ہے مگر یہ نہیں کہتا کہ یہ وہی احمد ہے جس کی مسیحؑ نے پیشگوئی کی تھی۔پس قرآن کریم میں خداتعالیٰ کا آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کو اِسْمُہٗ اَحْمَدُ کا مصداق نہ ٹھہرانا بلکہ اس پیشگوئی کو یونہی چھوڑ دینا ثبوت ہے اس بات کا کہ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کا نام احمدنہ تھا۔ ورنہ جس طرح کے مثیل موسیٰ ؑ قرار د ینے کے لئے یہ الفاظ ہیں کہ اسی طرح اِسْمُہٗ اَحْمَدُ کے متعلق ہوتے کہ ہم نے وہ احمد بھیج دیا ہے جس کا عیسیٰ نے وعدہ دیا تھا۔ مگر ایسا نہیں کہا گیا۔ بلکہ اس پیشگوئی کو بیان کرکے اس کے ثبوت میں دلائل اور علامات بیان کر دی ہیں۔ پھر اگر خداتعالیٰ نے آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کے لئے یہ پیشگوئی بیان کی تھی اور یہ آپؐ ہی کے متعلق تھی تو کم از کم آپؐ کہیں تو یہ دعویٰ کرتے کہ میں اِسْمُہٗ اَحْمَدُکی پیشگوئی کا مصداق ہوں۔ لیکن کوئی حدیث ایسی نہیں ملتی جس میں یہ دعویٰ پایا جاتا ہو۔
اب یہ کیسی صاف اور واضح بات ہے کہ جہاں حضرت موسیٰ کے مثیل کی خبر ہے وہاں تو بتا دیا گیا ہے کہ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم ہی ہیں اور آپ نے مثیلِ موسیٰ ہونے کا دعویٰ کیا ہے۔ مگر جہاں ایک آنے والے نبی کا نام ہے وہاں یہ نہیں بتایا جاتا کہ وہ آگیا ہے اور نہ ہی آپؐ دعویٰ کرتے ہیں کہ میں ہی وہ نبی ہوںجس کی خبر عیسی ؑ نے دی ہے۔ پس جب نہ خداتعالیٰ نے آپؐ پر یہ پیشگوئی لگائی ہے اور نہ ہی آپؐ نے اس کے مصداق ہونے کا دعویٰ کیا ہے تو اور کسی کا کیا حق ہے کہ وہ اتنا تیز ہو کہ جو اِس پیشگوئی کو آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم پر چسپاں نہیں کرتا اسے آپؐ کا منکر قرار دے اور اسلام سے خارج کر دے۔ اس طرح تو وہ شخص جو بائبل کی تمام پیشگوئیاں آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم پر چسپاں نہیں کرتا۔ بلکہ بعض کرتا ہے۔ تو وہ بھی آپؐ کا منکر اور کافرہوا۔
اگر اِسْمُہٗ اَحْمَدُکی پیشگوئی آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم پر چسپاں نہ کرنے سے آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کا انکا ر ہو جاتا ہے تو پھر میں پوچھتا ہوں کہ حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی وہ پیشگوئیاں جو میرے متعلق ہیں اُن کا انکار کرنے سے کیوں حضرت مسیح موعود علیہ السلام کا انکار نہیں ہو جاتا۔ اور جب حضرت مسیح موعود کا انکار ہوا تو آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کا انکار ہو جاتا ہے اور آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کا انکار خداتعالیٰ کا انکار ہو جاتا ہے لیکن اس کے خلاف اس شخص نے کیوں نہیں کچھ لکھا؟ اِس سے تو صریح یہی نتیجہ نکلتا ہے۔ لیکن بات یہ ہے کہ ہم سے چونکہ ان کی دشمنی اور عداوت ہوگئی ہے اِس لئے اس پیشگوئی کا آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم پر چسپاں نہ کرنا اُنہیں ایک بہت بڑی بات معلوم ہوتی ہے ورنہ بات کچھ بھی نہیں۔ یہ ایک پیشگوئی ہے جسے الہام کے رو سے کسی نے بھی اپنے اوپر چسپاں نہیں کیا۔ نہ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے اور نہ حضرت مسیح موعودؑ نے۔ لیکن ہاں اگر کسی نے الہام کے بغیر چسپاں کیا ہے تو وہ حضرت مسیح موعودؑ نے ہی کیا ہے آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے اس طرح بھی نہیں کیا۔
اب یہ ایک علمی بات ہے۔ کسی کے دلائل کسی کے متعلق ہیںاور کسی کے کسی کے متعلق۔ اس پر اتنا شور مچانا کہ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کا انکار ہوگیا ہے کسی عقلمند انسان کا کام نہیں ہو سکتا۔ یہ محض عداوت کے بھڑکانے اور لوگوں کو جوش دلانے کے لئے ایسا کیا گیا ہے ورنہ وہ خود بھی اسے معمولی بات سمجھتا ہوگا۔ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی ہتک تو اس پیشگوئی کو کسی اَور پر چسپاں کرنے سے اس صورت میں ہوسکتی تھی کہ اس کی وجہ سے آپؐ کے خاتم النبین ہونے پر حملہ ہوتا یا آپؐ کی کسی اور خصوصیت کو ضعف پہنچتا۔ اُس وقت اگر کوئی شخص آپؐ پر یہ پیشگوئی چسپاں نہ کرتاتو ہم اسے کہتے کہ یہ حق پر نہیں ہے اور آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کا انکار کر رہا ہے لیکن وہاں تو ایک لفظ بھی ایسا نہیں جس سے پتہ لگتا ہو کہ یہ پیشگوئی خاص رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے لئے ہے۔ ہو سکتا ہے کہ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم سے پہلے کوئی احمد نام کا رسول ہوتا اُس پر بھی چسپاں ہو جاتی اور یہ بھی ہوسکتا ہے کہ آپؐ کے بعد کسی پر چسپاں ہوجائے۔ کیونکہ اس میں کوئی بات ایسی نہیں ہے۔ جس سے معلوم ہوتا ہو کہ یہ صرف آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کے متعلق ہے۔ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کے بعض حاضر دعاوی ہیں۔ مثلاً یہ کہ آپؐ خاتم النبین ہیں یا یہی کہ قرآن کریم آپؐ پر نازل ہوا ہے۔ اگر اس پیشگوئی کو آپؐ پر چسپاں نہ کرنے سے ان دعاوی میں سے کسی ایک کا بھی انکار ہوتا تو کہا جاسکتا تھا کہ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کا انکار ہوگیا۔ لیکن ان میں سے کوئی بھی وجہ نہیں تو پھر ہمارے خلاف لوگوں کو جوش دلانا ثابت کرتا ہے کہ اس شخص میں تقویٰ نہیں کیوں؟ اس لئے کہ اس نے دشمنی اور عداوت کو اُس حد تک پہنچا دیا کہ جہاں تقویٰ نہیں رہتا۔ جس بات کو ہم کفر سمجھتے ہیں وہی ہماری طرف منسوب کی جاتی ہے۔ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کا انکار کوئی معمولی بات نہیں ہے۔ اس سے بڑھ کر کسی مسلمان کا دل دکھانے والی اور کونسی بات ہو سکتی ہے کہ اسے آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کا منکر قرار دیا جائے۔لیکن اگر اپنے دل میں آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی محبت ہو تب پتہ لگے کہ کس قدر تکلیف پہنچتی ہے۔ ایک ایسا شخص جو دوسرے کو بات بات پر حرام زاد ہ کہتا ہے اس کے نزدیک حرامزادہ ہونا ایک بہت معمولی بات ہوتی ہے۔ اِسی طرح جو دوسرے کو خواہ مخواہ جھوٹا کہتا ہے وہ خود جھوٹا ہوتا ہے۔ لیکن جو شخص ان باتوں کو بُرا سمجھتا ہے وہ یونہی کسی کو ان کا نشانہ نہیں بنا دیتا۔
پس اگر اس شخص کے دل میں واقعہ میں خدا تعالیٰ کی محبت ہوتی تو وہ کبھی نہ لکھتا کہ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کا انکار اور اس کا جواب۔ لیکن وہ اس کو ایک معمولی بات سمجھتا ہے اور اس کا جھٹ ہم پر یہ حملہ کر دینا اس کے قلب کی حقیقت کا مظہر ہے۔ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کا احمد نام آپؐ کے والدین نے نہیں رکھا ہاں احمد کی صفت کے سب سے زیادہ آپؐ ہی مصداق ہیں اور میری تقریر میں یہ صاف طور پر چھپ چکا ہے کہ ہم آپؐ کو صفت کے لحاظ سے احمد سمجھتے ہیں۔ مگر پھر بھی جو شخص ہمیں آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کا منکر قرار دیتا ہے معلوم ہوتا ہے کہ اس کے دل میں آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی عزت نہیں ہے اور آپؐ کے انکار کو بہت معمولی بات سمجھتا ہے۔ کیونکہ معمولی بات کو انسان فوراً منہ سے نکال دیتا ہے اور جسے وہ غیر معمولی سمجھے اُس کے لئے خاص طور پر احتیاط کرتا ہے۔ مثلاً کسی کو کوئی یہ تو کہہ دے گاکہ کیا کل آپ نے سیر کی تھی؟ کیونکہ یہ معمولی بات ہے لیکن یہ کبھی نہیں کہہ سکے گا کہ کیا کل آپ نے سیندھ لگائی تھی؟ کیونکہ یہ ایک غیر معمولی بات ہے ۔بے شک وہ لوگ شور مچائیں گے کہ ہم کو بددیانت کہا گیا ہے اور لکھا گیا ہے کہ ان میں تقویٰ نہیں رہا۔ مگر ہم کہتے ہیں کہ ابتدا تم نے کی ہے کہ ہمیں آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کا منکر قرار دیا ہے اب ہم تمہیں جو کچھ کہیں وہ ہمارے لئے جائز اور روا ہے۔ ہمیں آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کا منکر کہنے سے بڑھ کر اور کیا بات تکلیف دے سکتی ہے۔ پس یہ کہنے پر ہم جو فتویٰ بھی تمہارے متعلق دیں وہ جائز ہے۔ تمہارا ہمیں آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کا منکر قرار دینا اِس بات پر دلالت کرتا ہے کہ تم میں بددیانتی آگئی ہے اورتمہارا یہ قول شاہد ہے کہ تم میں دیانت اور امانت نہیں رہی۔ اب ہم تمہیں جو کچھ کہیں وہ جائز ہے۔ اس سے بڑھ کر ہم پر یہی حملہ ہو سکتا تھا کہ ہمیں خداتعالیٰ کا منکر کہا جاتا باقی سب باتیں بددیانت، خائن، حرام کھانے والا وغیرہ اس سے نیچے ہی ہیں۔ پس جب انہوں نے ہم پر یہ حملہ کیا ہے تو اب وہ ہماری طرف سے کس نیک سلوک کے امیداوار ہیں۔ ہم نے حملہ کرنے میں کبھی ابتداء نہیں کی۔ میں اپنے اخباروں کو روکتا رہا ہوں لیکن سب سے پہلے انہوں نے ہی ذاتیات پر حملہ کیا تھا اگر اُس وقت کے اخباروں کو دیکھا جائے تو پتہ لگ سکتا ہے کہ کیا ہم نے پہلے ان پر حملہ کیا تھا۔ یا انہوں نے؟ گو میں نے اس کو بھی ناپسند کیا اور اس قسم کے حملوں کے جواب سے بھی اپنے اخباروں کو روکا مگر جو کچھ انہوں نے کیا وہ حق بجانب تھا کیونکہ پہلے ان پر حملہ کیا گیا تھا۔ سب سے پہلے پیغام میں لکھا گیا کہ’’ انصار اللہ کی سازش اور اس کا انکشاف۔‘‘ ہمیں ان لوگوں نے سازش کرنے والے قرار دیا۔ اس کا ہماری طرف سے جواب دینا پڑا اس پر وہ چیخنے لگے۔ اب تک بھی میں نے بہت احتیاط کی ہے اور سواے مسائل کے لحاظ سے یہ کہنے کے کہ وہ حق پر نہیں ہیں کبھی اُن پر اس قسم کے الزام نہیں لگائے کہ وہ جھوٹے، فریبی ،دغاباز اور بددیانت ہیں۔ مگر وہ دن بدن اپنی شرارتوں میں بڑھتے ہی جاتے ہیں اور اب تو یہاں تک بڑھ گئے ہیں کہ ہمیں اب انہوں نے آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کا منکر کہہ دیا ہے۔ اَب ان کا کونسا حملہ رہ گیا ہے؟ یہی کہ ہمیں خداتعالیٰ کے منکر کہہ دیں۔ مگر یہ حملہ وہ نہیں کریں گے۔ کیونکہ ہم جانتے ہیں کہ جس قوم کے ساتھ ان کا تعلق ہے وہ خدا کے انکار پر اتنا نہیں چڑتی جتنا آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کے انکار پر چڑتی ہے۔ کیونکہ ان میں حقیقی وحدانیت نہیں رہی اور اس بات کو انہوں نے سمجھ لیا ہے اس لئے وہ اسی بات پر زور دیتے اور دینگے کہ ہمیں آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کا منکر کہیں۔ لیکن وہ وقت آنے والا ہے جبکہ انہیں اس کا وبال اٹھانا پڑیگا اور ہمارے حق میں یہ اچھا ہوگا۔ خدائے غیور دیکھ رہا ہے کہ وہ کس طرح ہم پر جھوٹے الزام لگاتے اور نارَوا حملے کر رہے ہیں۔ کیا یہ دیکھتے ہوئے وہ خاموش رہے گا؟ بے شک خداتعالیٰ عفو اور چشم پوشی کرتا ہے۔ مگر ایسی جرات اور دلیری پر ایک مدت تک عفو نہیں کرتا۔ پس آخر کار اِس کا نتیجہ نکلے گا اور دنیا دیکھ لے گی کہ کس کے حق میں اچھا اور کس کے حق میں برا نکلا ہے۔
خداتعالیٰ ہماری مشکلات کو دُور کرے اورہمارے دشمنوں کو حق کے سمجھنے کی توفیق دے اور ہمیں حق پر قائم رکھے اور باطل سے بالکل بچائے۔ آمین۔
(از ریکارڈ خلافت لائبریری ربوہ)
۱؎ المائدۃ: ۹
۲؎ بخاری کتاب المناقب باب ماجاء فی اسماء رسول اللّٰہ صلی اللّٰہ علیہ وسلم
۳؎ المزمّل :۱۶
۳۸
خدائی نعمت کا اظہار کرو
(فرمودہ ۱۷؍ نومبر ۱۹۱۶ئ)
تشہد، تعوذ اور سورۃ فاتحہ کی تلاوت کے بعد حضور نے فرمایا:۔
’’یوں تو اللہ تعالیٰ کے فضل اور احسان اپنے بندوں پر بے انتہاء ہیں۔ خود بندہ کی پیدائش ہی خدا کے فضل کے ماتحت ہے۔ا نسانی اعضاء کو ہی لے لو ہر ایک عضو پرجس قدر غور کریں اُسی قدر خدا تعالیٰ کا فضل زیادہ معلوم ہوتا ہے۔ ہر ایک عضو کے فوائد کا تو شمار ہی نہیں ہو سکتا۔ یہ سب خداتعالیٰ کے احسان ہیں لیکن ان سب سے بڑا اور زیادہ احسان میرے نزدیک وہ ہے جو روح پر ہے۔ اللہ تعالیٰ ہمارا خادم نہیں، غلام نہیں، ہماری اطاعت و فرمانبرداری میں اس کا نفع نہیں محض اس کے فضل اور انعام کی بات ہے جو وہ اپنی مخلوق پر کرتا ہے کہ اس کی شریعت کو اُٹھا سکے اور اس کے احکام پر عمل کرے۔ا گر کوئی انسان خدا کی بتائی ہوئی شریعت پر عمل نہ کرے تو اس کی خدائی میں کوئی فرق نہیں آجاتا مگر اس کے فضل اور احسان نے چاہا کہ اپنے انعام کو دنیا میں خاص طور سے انسان پر ظاہر کرے۔پس جس طرح اس کے فضل اور احسان نے اپنے اعلیٰ ظہور کیلئے انسان کو پسند کیا اسی طرح جو انعام انسان کو ملے ہیں وہ اور انعاموں سے بھی بڑے ہیں۔ یوں تو اگر ایک چیز بھی اس کے انعام سے خالی رہے تو انسان کی حالت خراب ہو جاتی ہے۔ مثلاً آنکھ ہی جاتی رہے یا کان ہی کٹ جائے یا ناک ہی کٹ جائے یا ہاتھ پائوں ٹوٹ جائیں توا نسان میں کس قدر سُقم پیدا ہو جاتا اور کیسا بُرا معلوم ہوتا ہے۔ پرانے زمانہ میں کسی کاناک وغیرہ اعضاء سزا کے طور پر کاٹے جاتے تھے۔ غرض ہر ایک چیز جو اللہ تعالیٰ نے دی ہے وہ اپنے اندر ایک حسن رکھتی ہے مگر پھر بھی نسبتیں ہوتی ہیں بلحاظ اس کے کہ یہ انعامات ایک محدود زندگی کے لئے ہیں مگر اُس لامحدود زندگی کے لئے خدا تعالیٰ نے عقل ، فہم ، شریعت دی ہے اور پھر وہ ذرائع دیئے ہیں جن سے انسان اللہ تعالیٰ کا قرب ڈھونڈتا ہے۔ یہ انعام بہر حال بہت بڑا انعام ہے۔
 

MindRoasterMir

لا غالب الاللہ
رکن انتظامیہ
منتظم اعلیٰ
معاون
مستقل رکن
دُنیا کی ترقی و تنزل میں اس کا بہت تعلق ہے۔ شریعت اور معرفت کی دنیا میں عملاً لوگ بہت عزت کرتے ہیں۔ اس میں شک نہیں کہ جہاں دنیاوی منافع کا خیال نہ ہو وہاں بہت سے لوگ دین کی خاطر لڑتے اور جوش دکھاتے ہیں خواہ وہ کیسے ہی بے دین کیوں نہ ہوں اور شریعت اور قوانین الٰہیہ سے انہیں کوئی تعلق نہ ہو۔ اس سے پتہ لگتا ہے کہ اکثر لوگ دین کو دنیا پر مقدم تو کرتے ہیں مگر جہاں دنیا دین کے مقابلہ میں نہ ہو ایسے موقع پر جتنا جوش اس قسم کے لوگ دین کے لئے دکھاتے ہیں وہ کسی اَور چیز کے لئے نہیں دکھاتے۔
اگر ایک شخص کسی گائوں میں رہتا ہو اور چوری یا کوئی اَوربرا فعل کرتا ہو تو لوگ اس سے قطع تعلق نہیں کریںگے بلکہ کہیں گے کہ اس کا ایمان تو سلامت ہے لیکن جہاں مذہبی اختلاف پیدا ہوا وہاںبیٹا باپ سے اور باپ بیٹے سے ، بیوی خاوند سے اور خاوند بیوی سے ، بہن بھائی سے اور بھائی بہن سے بالکل جدا ہو جاتے ہیں اور وہ سب قرابت کے تعلقات دور ہو جاتے ہیں۔
بہت سے لوگ اس قسم کے ہوتے ہیں کہ ان میں اگرچہ کئی عیب ہوتے ہیں اور عملاً انہیں مذہب سے کوئی تعلق نہیں ہوتا لیکن پھر بھی وہ مذہب کے لئے جوش دکھاتے ہیں اس سے معلوم ہوتا ہے کہ مذہب نے کس قدر دلوں پر رُعب جمایا ہوا ہے اور ایک اچھی اور عمدہ چیز سمجھی جاتی ہے۔
واقعہ میں مذہب ایک اعلیٰ اور پیاری چیز ہے اور جو سچا مذہب رکھنے والے اور عرفان سے ایک مذہب کو قبول کرنے والے ہیں ان کے لئے سب سے بڑی اور سب سے اعلیٰ نعمت مذہب ہی ہے ۔شریعت قانون اور وہ ذرائع جو انسان کو خدا تعالیٰ تک پہنچنے کے لئے ملے ہیں اور جن سے انسان خدا کو معلوم کر سکتا ہے اگر یہ اس کو نہ دئیے جاتے تو انسان اور حیوان برابر ہوتے۔ پس یہی وہ انعام ہے جو اسے حیوانوں سے اعلیٰ اور برتر ثابت کر تا ہے اس لئے ہر ایک انسان کو چاہئے کہ اس کی قدر کرے۔ اگر مذہب کو علیحدہ کر دیا جائے تو گدھے بھی کھاتے پیتے ہیں اور انسان بھی، وہ بھی ہوا سونگھتے ہیں اور انسان بھی سونگھتا ہے اس صورت میں تو ایک انسان اور گدھے میں کوئی فرق نہیں ہے ہاں انسان کی قدر شریعت اور قوانینِ الٰہیہ کے جاننے سے ہے اس لئے اس کے دل میں اس کی عزت اور محبت بہت زیادہ ہونی چاہئے کیونکہ انسان جو سب چیزوں سے بڑا سمجھا جاتا ہے اسی شریعت کے حامل ہونے سے ورنہ اَور کوئی فرق نہیں۔
یہ ایک عام بات ہے کہ جو چیزیں اعلیٰ ہوتی ہیں اُن کو چھپایا نہیں جاتا۔ ہمیشہ انسان اپنے کسی نقص اور کمزوری یا بری چیزوں کو چھپاتا ہے اور اپنی اعلیٰ درجہ کی چیزوں کو ظاہر کرتا ہے۔ ہم دیکھتے ہیں کہ کسی شخص کو کوئی ایک نسخہ معلوم ہوتا ہے وہ نہ کوئی طبیب ہوتا ہے، نہ مرض کے اسباب کا علم رکھتا ہے اور نہ ہی وہ مرض کے اسباب اور علامات کو جانتا ہے، مثلاً کسی کو کھانسی ہو تو وہ صرف یہ کہ گلے میں خراش ہے یا ریزش ہے اُسی کو دیکھ کر اصل مرض سمجھ لے گا اور جھٹ اپنا نسخہ استعمال کرنے کے لئے کہہ دے گا کیونکہ اس نسخہ سے کبھی اسے بھی فائدہ ہوا تھا۔ اُس وقت وہ یہ بھی نہیں سوچے گا کہ آیا اس کو وہ بیماری ہے بھی یا نہیں جومجھے تھی اور اگر وہ یہ خیال کرے تو بھی معلوم نہیں کر سکتا کیونکہ اس میں یہ قابلیت ہی نہیں ہوتی لیکن باوجود اس کے وہ اپنا نسخہ استعمال کرنے کے لئے ضرور بول اُٹھے گا کیونکہ وہ سمجھتا ہے کہ ہر جگہ اور ہر مرض میں اس سے فائدہ ہو گا۔ میں نے خود بعض بوڑھی عورتوں کو دیکھا ہے خواہ کوئی کتنا ہی اعلیٰ طبیب مریض کے لئے نسخہ تجویز کر رہا ہو وہ فوراً اپنا نسخہ پیش کر دیں گی کہ اس کو استعمال کرنا چاہئے۔ کیوں؟ اس لئے کہ وہ اپنے نسخہ کو مفید اور عمدہ سمجھتی ہیں۔
اسی طرح لوگ عمدہ عمدہ لباس پہن کر مجالس میں جاتے ہیں جس سے مقصود اپنی بڑائی کا اظہار ہوتا ہے۔ا گر کوئی غریب ہو اور سردی کی وجہ سے اسے موٹا اور بدنما کپڑا پہننا پڑے تو وہ اسے نیچے پہن کر اُوپر اچھا کپڑا پہنتا ہے تاکہ اچھے کپڑے کو ظاہر کرے اور بُرے کو چھپائے۔
تو چھپانے کی چیز ادنیٰ ہوا کرتی ہے اور جو اعلیٰ ہو اس کو ظاہر کیاجاتا ہے۔ بُری چیز کو تو بعض جانور بھی چھپاتے ہیں۔ بلیاں پاخانہ پر مٹی ڈال دیتی ہیں یا اگر کپڑے پر ہو تو اس کپڑے کو اُلٹا دیتی ہیں۔ اِس سے معلوم ہوتا ہے کہ بُری چیز کو چھپانا نہ صرف انسان کی فطرت میں ہے بلکہ بعض جانوروں میں بھی یہ بات پائی جاتی ہے۔
ایک قصہ مشہور ہے کہ ایک عورت نے انگوٹھی بنوائی او ر اس کے اظہار کے لئے بہت طریق استعمال کئے مگر کسی نے توجہ نہ کی۔ آخر اُس نے اپنے گھر کو آگ لگا دی جب لوگ دوڑ کر آگ بجھانے کے لئے آئے تو اتفاقاً ایک عورت کی انگوٹھی پر نظر پڑ گئی۔ اُس نے کہا بہن! یہ انگوٹھی تم نے کب بنوائی تھی؟ اُس نے کہا کم بخت! اگر تو اس کے متعلق پہلے ہی پوچھ لیتی تو میرا گھر کیوں جلتا۔ ایسا تو کوئی بیوقوف ہو گا جو ایک انگوٹھی کے دکھانے کے لئے اپنے گھر کو آگ لگا دے مگر ہاں اس حکایت کے بنانے والے نے اس سے یہ ظاہر کیا ہے کہ انسانی فطرت میں یہ بات ہے کہ وہ اپنی اچھی چیز کو ظاہر کرنے کی کوشش کرتا ہے۔ پس جب انسانی فطرت میں یہ بات پائی جاتی ہے اور پھر مذہب خدا کی نعمتوں میں سے ایک بہت بڑی نعمت ہے تو جس کے پاس یہ ہو اُس کے دل میں اس کے ظاہر کرنے کے لئے کم از کم اُس عورت جتنا تو جوش ہونا چاہئے جس نے انگوٹھی دکھانے کے لئے اپنے گھر کو آگ لگا دی تھی۔
جس کے پاس سچا مذہب ہو اُسے تو اُس وقت تک چین نہیں آنا چاہئے جب تک اپنے مذہب کا اظہار دوسروں پر نہ کرلے۔ انگوٹھی کو اگر لوگ دیکھ بھی لیتے تو انہیں کیا فائدہ ہوتا؟ کچھ نہیں۔ مگر مذہب تو ایک ایسی چیز ہے کہ اگر یہ کسی شخص کو دی جائے تو دینے والے کو خود بھی اس سے فائدہ ہوتا ہے اور جتنا کسی کو دے اُتنا ہی اپنے پاس اَور زیادہ پاتا ہے کیونکہ خد ا کا وعدہ ہے جو دوسرے کو دیتے ہیں اُن کو خدا اَور دین کے سمجھنے اور اپنی محبت میں بڑھنے کی توفیق دیتا ہے۔ گویا مذہب ایک اس قسم کی چیز ہے کہ جس قدر اس کو ظاہر کیا جائے اسی قدر زیادہ چمکتی اور روشن ہوتی ہے۔ بعض کپڑوں کے رنگ اس قسم کے ہوتے ہیں کہ دھوپ میں خوشنما نہیں لگتے اس لئے دکان دار اُن کو چھائوں میں مکان کے اندر رکھتے ہیں اور بعض ایسے ہوتے ہیں کہ دھوپ میں اَور چمکتے ہیں ان کو ایسی جگہ رکھا جاتا ہے جہاں روشنی اچھی طرح پڑتی ہو یہی حال سچے مذہب کا ہے اس کو جس قدر زور کے ساتھ روشنی میں لایا جائے اور لوگوں کے سامنے پیش کیا جائے اسی قدر وہ زیادہ خوشنما اور عمدہ نظر آتا ہے اور پیش کرنے والے کو بہت زیادہ روشن کردیتا ہے۔ پس ایک ایسی چیز کے پیش کرنے سے پیش کرنے والے کو بیش از پیش فائدہ ہو اس کے ظاہر کرنے کے لئے تو بہت زیادہ کوشش کرنا چاہئے۔لیکن افسوس کہ اس کے لئے بعض لوگ کمزوری دکھاتے ہیں اور اپنے مذہب کو دوسروں تک نہیں پہنچاتے۔ میرے نزدیک اس کی وجہ یہی ہے کہ وہ مذہب کی حقیقت سے واقف نہیں ہوتے ۔مثلاً گورنمنٹ اعلان کر دے کہ جو شخص کسی شخص کو جتنی زمین دلوائے گا اُتنی ہی سرکار اس شخص کو اَور زمین بھی دے گی تو اس اعلان کے ہوتے ہی بار میں رہنے والے لوگ دوسرے لوگوں کو ادھر کھینچ کر لے جائیں گے کیونکہ اس میں خود ان کا نفع ہے۔ ہم سے تو خدا تعالیٰ کا اس طرح کا وعدہ ہے اور مذہب میں یہ شرط رکھی ہے کہ جو شخص کسی کو ہدایت کرے گا اس کو بھی اس کے بدلہ میں انعام ملے گا۔ اِس سے معلوم ہو سکتا ہے کہ اپنے مذہب کا اظہار توا یک بڑی اعلیٰ درجہ کی چیز تھا کیونکہ جتنا لوگوں کو فائدہ پہنچتا اُتنا ہی ہم کو بھی پہنچ جاتا لیکن افسوس کہ بعض لوگ اِس کی حقیقت کو سمجھتے نہیں۔ عجیب بات ہے کہ بہت سی ایسی باتوں کو ظاہر کرتے ہیں جن سے کوئی فائدہ متصور نہیں ہوتا اوراُن چیزوں کو چھپاتے ہیں جن سے فائدہ ہوا کرتا ہے۔ اس کی وجہ یہی ہے کہ وہ ان کی حقیقت سے واقف نہیں ہوتے مثلاًایک شخص کے پاس ایک ہیرا ہواور وہ اس کی جیب میں پڑا ہو اور اس کو معلوم نہ ہو کہ یہ ہیرا ہے تو وہ وہیں پڑا رہے گا لیکن جب اس کو معلوم ہو گا تو فوراً اُس کو کسی انگوٹھی میں جڑوا کر اپنے ہاتھ میں پہن لے گا۔
ہمیں مذہب سے جو حصہ خدا نے دیا ہے وہ ہمارے دعویٰ کے مطابق نہ صرف وافر بلکہ صرف ہمیں کو دیا گیا ہے۔ میں نے بار ہا اِس امر پر زور دیا ہے اور ہمیشہ زور دیتا رہوں گا ۔ اس کی کئی وجہیں ہیں اوّل تو جب تک کوئی اس کو سمجھے نہیں اُس وقت تک اس کا سمجھانا ہمارافرض ہے۔ دوسرے بعض لوگ سمجھ کر پھر بھول جاتے ہیں اس لئے بھی زور دیا جاتا ہے کہ وہ لوگ بھولیں نہیں۔
پس میں پھر کہتا ہوں کہ یہ ایک خدا کی نعمت ہے اِس کو چھپانا نہیں بلکہ زور کے ساتھ ظاہر کرنا چاہئے۔ ہر مذاق کا آدمی اپنے رنگ میں اپنے اپنے مذاق کے لوگوں کو تبلیغ کر سکتا ہے۔ جب ایک شخص اچھا کپڑا پہن کر اظہار کرتا ہے حالانکہ اس کا فائدہ اس کے سوا اور کسی کو نہیں ہوتا تو مذہب جو ایک بہت ہی خوبصورت اور دوسروں کیلئے مفید ہے اس کا کیوں نہ اظہار کیا جائے۔ پس اس کا اظہار کرو اور اِس کو خوب پھیلائو۔ جتنا اس سے کسی کو فائدہ ہو گا اُسی قدر تم کو بھی ہو گا۔ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا اِنّیِ مُکَاثِرٌ بِکُمُ الْاُمَمَ۔ ۱؎ کہ میں کثرتِ اُمّت کے باعث فخر کروں گا۔ ہر ایک نبی اپنی اپنی اُمّت کا امام ہو گا اُس وقت حضرت نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم اپنی اُمّت کے امام ہوں گے اور اپنی اُمّت کی کثرت پر فخر کریں گے لیکن کیا صرف اُمّت کازیادہ ہونا کوئی فخر کی بات ہے؟ ہر گز نہیں۔ بلکہ آپ کے لئے فخر کی یہ بات ہو گی کہ جب آپ کے ذریعہ سب سے زیادہ لوگوں کو فائدہ پہنچے گا تو اس کے بدلہ میں آپ کو بھی سب سے زیادہ اجر ملے گا اور سب سے بڑھ کر آپ کا درجہ ہو گا اِسی لئے آپ فخر کریں گے۔ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کا درجہ تو یوں بھی سب انبیاء سے بڑا ہے مگر اِس طرح اَور زیادہ بڑا ہو گا۔ حدیث شریف میں آتا ہے کہ جو شخص کسی کو جس قدر نفع پہنچاتا ہے اُتنا ہی اس کو بھی اس کا فائدہ ہوتا ہے۔ ۲؎
پس اگر کوئی کسی کے ذریعہ مسلمان ہو جائے اور اسے ہدایت نصیب ہوتو جس قدر وہ نیکیاں کرے گا ان کا ثواب اسے مسلمان کرنے والے کو بھی ملے گا اور پھر اس کے ذریعہ جس کو ہدایت ہو گی اس کی نیکی کرنے سے بھی پہلے شخص کے نام ثواب لکھاجائے گا ہاں ان کے ثواب میں کسی قسم کی کمی نہ ہو گی بلکہ اس کے علاوہ خدا تعالیٰ ثواب دے گا۔
گویا سُود در سُود، سُود در سُود ہو کر خد اکی طرف سے ملتا ہے۔ا ب جو لوگ دوسروں کو سیدھی راہ دکھانے کی کوشش نہیں کرتے ان کے متعلق سوائے اس کے اَور کیا کہاجا سکتا ہے کہ وہ اس بات کی اہمیت سے واقف نہیں ہیں اگر واقف ہوتے تو کبھی ایسا نہ کرتے۔ دیکھو یورپ کو اپنی سویلیزیشن (CIVILIZATION) پر بڑا گھمنڈ ہے حالانکہ اسلام کے مقابلہ میں اس کی کچھ بھی حقیقت نہیں مگر وہ اس کو اس زور سے بات بات پر پیش کرتے ہیں کہ ہمارے کان پھٹے جاتے ہیں۔ وہ صرف یورپ کے لوگوں نے چند قواعد ایجاد کئے ہیں اور اس میں اس قدر غلطیاں ہیں کہ وہ بعض اوقات ہلاکت کا باعث ہوجاتی ہیں لیکن دیکھ لو وہ لوگ دنیا کے سامنے اپنی سویلیزیشن کس زور ے پیش کرتے ہیں۔ پھر کیا وجہ ہے کہ ہماری جماعت اپنے مذہب کو پیش نہ کرے۔ جو شخص اپنے مذہب کو دوسروں تک نہیں پہنچاتا وہ غفلت میں ہے اورنہیں جانتا کہ اس کا فرض کیا ہے۔ اِس وقت تک اگر ہر ایک شخص ایک ایک آدمی کو بھی سلسلہ میں داخل کرتا تو چند سالوں میں تمام ہندوستان احمدی ہو جاتا۔ ڈیڑھ ہزار سالانہ احمدی ہونے والے کیا حقیقت رکھتے ہیں۔ ہاں ہماری جماعت میں بعض لوگ ایسے ہیں کہ جن کے ذریعہ سے سَو سَو احمدی ہوئے ہیں۔ لیکن ایسے لوگ بہت کم ہیں اور تبلیغ میں حصہ لینے والے تو پانچ چھ سَو کے قریب ہوں گے۔ اگر ساری جماعت کے لوگ تبلیغ کریں تو آج بہت لوگ احمدی ہو سکتے ہیں مگر بہت سے لوگ ایسے ہیں جنہو ں نے اس کام کو قطعاً نہیں کیا حالانکہ اس سے بڑی نعمت کوئی ہے ہی نہیں۔سب کواِس کی قدر کرنی چاہئے۔
خدا تعالیٰ ہماری جماعت کو توفیق دے کہ وہ سمجھ کر اس کام کو سرانجام دے اور جو صداقت ہم کو نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے ذریعہ اورپھر حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے ذریعہ ملی ہے اور وہ اسلام جو ہم کو پاک صاف ہو کر اب ملا ہے ہم اسے دنیا کے سامنے پیش کریں اور ہمیں اُس وقت تک صبر نہ آئے جب تک تمام دنیا میں اس کو پھیلا نہ لیں۔ میں تو حیران ہوتا ہوں کہ اگر ایک چیز کی قدر معلوم ہو تو پھر اس کو دنیا میں نہ پھیلایا جائے۔ حضرت صاحب کو رات کے وقت کئی لوگ بہت معمولی معمولی شعر سناتے اور آپ سنتے رہتے۔ ایک دن کسی نے عرض کیا کہ حضور ایسے شعروں کو آپ کیوں سنتے ہیں جن کاکچھ مطلب نہیں ہوتا۔
(فرمایا:۔)
جب میں رات کو لیٹتا ہوں تو اس کثرت سے اسلام کی تبلیغ کے خیالات میرے دماغ میں آتے ہیں کہ میرا دماغ پھٹنے لگتا ہے اور مجھے خیال ہوتا ہے کہ کہیں ان خیالات سے دماغ پھٹ نہ جائے۔ جب لوگ شعر سناتے ہیں تو کچھ خیال ہٹ جاتا ہے اور ان خیالات سے توجہ ہٹ جاتی ہے۔ واقعہ میں اسلام ہی نعمت ہے اور پھر تازہ بتازہ انعام اور وہ زندہ مذہب جو لَنَا لَہٗ رَجُلٌ مِنْ اَبْنَائِ فَارَسَ ۔ ۳؎ کا لایا ہوا ہے اس کو تو وہی چھپا سکتا ہے جس کو اِس کی قدر معلوم نہ ہو اور جو قدر جانتا ہو اس کو تو بغیر ظاہر کئے صبر نہیں آسکتا ۔بعض لوگ ایسے لوگوں کو وسیع الحوصلہ کہا کرتے ہیں جو اپنے مذہب کی صداقت کو پیش ہی نہیں کرتے لیکن یہ وسعت ِحوسلہ نہیں۔ کیا کبھی بخیل بھی وسیع حوصلہ رکھتا ہے؟ ہمیشہ سخی ہی وسیع الحوصلہ ہوا کرتا ہے۔ پس خدا کی ایک نعمت کا دنیا تک پہنچانا ہی وسعتِ حوصلہ ہے نہ کہ اسے اپنے پاس چھپائے رکھنا۔ اللہ تعالیٰ ہمیں توفیق دے کہ ہم تبلیغ ِاسلام کے فرض کو سمجھیں۔ مجھے تو بار بار خیال آتا ہے کہ اگر خوانخواستہ ترقی کا یہی حال رہا تو پھر ہماری تو نسلوں کی نسلیں بھی اُن وعدوں کو پورا ہوتا نہیں دیکھیں گی جو حضرت مسیح موعودؑ سے خداتعالیٰ نے کئے ہیں۔
خدا تعالیٰ ہمیں وہ ترقی دکھائے اور ہم دنیا کے چاروں طرف احمدیت کو پھیلا ہوا دیکھ جائیں۔ ہم کل ہی حضرت صاحب کی ایک کتاب دیکھ رہے تھے جس میں حضرت صاحب نے ثناء اللہ کو مخاطب کر کے فرمایا ہے کہ تو میرا مقابلہ کیا کر سکتا ہے میری صداقت تو تمام دنیا میں پھیل جائے گی۔ لیکن اس کے پھیلنے کا یہ طریق نہیں جو موجودہ رفتارِ تبلیغ ہے کیونکہ یہ بہت سست رفتار ہے بلکہ یہ ہے کہ ہرایک احمدی تبلیغ میں مشغول ہو اور اِس کو اپنا سب سے ضروری فرض سمجھے۔ خدا کے حضور دعا ہے کہ وہ ہمیں اپنے فرائض کے سمجھنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین ثم آمین۔
(الفضل ۲۵؍ نومبر ۱۹۱۶ئ)
۱؎ سنن ابی داؤد کتاب النکاح باب فی تزویج الابکار
۲؎ مسلم کتاب الذکر والدعاء والتوبۃ باب فضل الاجتماع علیٰ تلاوۃ القرآن وعلی الذکر
۳؎ بخاری کتاب التفسیر تفسیر سورۃ الجمعۃ واٰخرین منھم لما یلحقوا بھم
۳۹
حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے الہامات کا درجہ
(فرمودہ یکم دسمبر ۱۹۱۶ئ)
تشہد، تعوذ اورسورۃفاتحہ کے بعد حضور نے مندرجہ ذیل آیات کی تلاوت کی:۔
۱؎
پھر فرمایا:۔
’’اللہ تعالیٰ کی یہ سنت قدیم سے چلی آتی ہے کہ اس کے کلام میں ایک حصہ محکمات کا ہوتا ہے اور ایک حصہ متشابہات کا اور اس میں بڑی بڑی حکمتیں پوشیدہ ہیں۔ ایک حکمت تو یہی ہے کہ اس طرح کمزور ایمان والوں اور قوی ایمان والوں کی، متقیوں اور غیر متقیوں کی ، صالحین اور غیر صالحین کی پرکھ ہو جاتی ہے جن لوگوں کاایمان کمزور ہوتا ہے وہ تو متشابہات کے پیچھے پڑ جاتے ہیں اور علم کی کمی یا تقویٰ کے فقدان یا ایمان کی کمزوری کی وجہ سے ایسی راہ اختیار کر لیتے ہیں جو ان کی ہلاکت کا باعث ہو جاتی ہے۔ لیکن وہ لوگ جن میں تقویٰ و طہارت کا مادہ ہوتا ہے، جن کے ایمان مضبوط ہوتے ہیں اور جن کے دلوں میں خدا تعالیٰ کی عظمت گھر کئے ہوئے ہوتی ہے وہ متشابہات کے پیچھے ایسے رنگ میں نہیں پڑتے جو ان کے ایمان کے ضائع کرنے کا باعث ہو۔پس چونکہ اللہ تعالیٰ ہمیشہ سے اپنے مخلص اور پیارے بندوں کو کمزور اور منافقوں سے علیحدہ کرنا چاہتا ہے اس لئے اپنے کلام میں محکمات اور متشابہات دونوں کو رکھ دیتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ہر نبی پر جو اللہ تعالیٰ کا کلام نازل ہوتا ہے اس میں محکمات اور متشابہات ہوتے ہیں۔ ایک بڑی وجہ محکمات اور متشابہات کے بیان کرنے کی تو یہی ہوتی ہے اور دوسری وجہ یہ ہے کہ خدا تعالیٰ نے جتنی ایسی چیزیں پیدا کی ہیں جن کی تخلیق میں کسی قسم کا انسانی دخل اور تصرف نہیں ہوتا بلکہ وہ براہِ راست خدا تعالیٰ سے تعلق رکھتی ہیں ان پر غور کرنے سے معلوم ہوتا ہے کہ ان میں ایسی بات رکھی گئی ہے کہ اُن پر جس قدر غور وخوض کیاجائے ان کے متعلق اُسی قدر علم وسیع ہوتا جاتا ہے۔ اور ایسی چیزوںمیں خدا تعالیٰ نے ایسے علوم پوشیدہ رکھے ہوتے ہیں کہ جو کبھی ختم ہونے میں نہیں آتے بلکہ جب بھی انسان ان پر غور کرے نئے نئے علوم کھلتے رہتے ہیں۔ دُور جانے کی ضرورت نہیں انسان اپنے جسم میں ہی دیکھ لے انسانی جسم کی تشریح کو ہی آج تک دنیا مکمل نہیں کر سکی۔ اِس کی اَور خصوصیات کو جانے دو جوانسان کے روح، اخلاق وعادات کے متعلق ہیں پھر یہ کہ علوم کا منبع کیا ہے، علوم کس جگہ سے پیدا ہوتے ہیں،ا نسان کے فیلنگ کا کس چیز سے تعلق ہے وغیرہ وغیرہ یہ مختلف شاخیں ہیں۔ ان سب کو چھوڑ کر صرف انسان کی صحت اور بیماری کو ہی لے لو اس کے متعلق ہی دنیا کسی قطعی فیصلہ پر نہیں پہنچ سکی۔ اس بات پر بحث کی گئی ہے کہ طبِ یونانی قدیم ہے یا طبِ ہندی یا یہ کہ دونوں ایک ساتھ شروع ہوئی ہیں یاآگے پیچھے۔ اکثروں نے یہ فیصلہ کیا ہے کہ ہندی طبِ پہلے کی ہے اور طب یونانی بعد کی۔ میرے نزدیک بھی یہی بات درست اور صحیح ہے۔ اِس لحاظ سے تین زمانے ہوتے ہیں۔ا یک وہ زمانہ جس میں ہندی طب کا نشوونما ہوا اور اس نے اتنی ترقی اور عروج حاصل کیا کہ اس کے ماہرین کے نزدیک کوئی ایسی بات باقی نہ رہ گئی جو انسانی صحت اور تندرستی کے لئے ضروری تھی۔ لیکن اس کے بعد دوسرا زمانہ وہ شروع ہوا جس میں طبِ یونانی کا ظہور ہوااور یہ اتنی بڑھی کہ باوجود اس کے کہ ہندی طب کو ایک علم کہا جاتا تھا اس کے ماہرین نے کہہ دیا کہ وہ کچھ بھی نہیں ہے بلکہ یہ بھی کہہ دیا کہ وہ جہالت اور نادانی ہے۔ اس کے بعد تیسرا زمانہ وہ شروع ہوا جس میں ڈاکٹری شروع ہوئی اس نے ایسی ترقی کی کہ آج طبِ یونانی اور طبِ ہندی کو اس کے مقابلہ میں ہیچ اور ناکارہ قرار دیا جاتا ہے حالانکہ وہ وونوں اپنی اپنی ذات میں ایک ایک علم ہیں۔ اگر یہ کہا جائے کہ ان کی بعض باتیں غلط ثابت ہوئی ہیں اور بعض باتوں میں نقص پایا گیا ہے اس لئے وہ قابلِ اِلتفات نہیں تو یہ بات انگریزی طب میں بھی پائی جاتی ہے۔ اس کی بعض باتیں بھی آئے دن بدلتی رہتی ہیں لیکن کسی علم میں کچھ غلطیاںثابت ہو جانے کا یہ مطلب نہیں ہوا کرتا کہ وہ علم ہی نہیں ہے اس طرح کرنے سے تو کوئی علم بھی علم نہیں کہلا سکتا۔ تویہ تینوں علم ہیں۔ یونانی طب سے پہلے ہندی طب بھی ایک علم تھا اور بڑی بڑی کوششوں اور جانفشانیوں سے دریافت کیا گیا تھا لیکن جب یونانی طب ظاہر ہوئی تو اسے جہالت قرار دیا گیا۔ اس کے بعد یونانی طب کا دَور دورہ ہوا لیکن جب ڈاکٹری ظاہر ہوئی تو اسے جہالت کہہ دیا گیا۔ اب ڈاکٹری کے بھی کئی دَور رہے ہیں اور چونکہ موجودہ زمانہ میں ہر ایک قسم کے علوم بہت ترقی کر گئے ہیں اس لئے ڈاکٹری کے دور بہت جلدی جلدی بدلتے رہتے ہیں۔ یوں تو کوئی خیال کر سکتا ہے کہ اب چونکہ علوم میں بہت ترقی ہو گئی ہے اس لئے اب کسی بات کے متعلق جو رائے قائم کی جائے اسے پہلے کی نسبت بہت مضبوط اور پختہ ہونا چاہئے کیونکہ وہ زیادہ تجربہ اور بہت تحقیق کے بعد قائم ہو گی لیکن حالت اس کے بالکل برخلاف ہے۔ اگر پہلے کسی بات میں ہزار سال کے بعد تبدیلی واقع ہوتی تھی تو آج سال دو سال کے اندر ہی تبدیلی ہو جاتی ہے اس لئے آج جو طبی رائے ہوتی ہے وہ دو سال کے بعد بدل جاتی ہے۔ اس سے یہ نہیں کہا جا سکتا کہ اس رائے سے پہلے جو کچھ رائے تھی وہ علم ہی نہیں تھا۔ ہاں یہ کہا جا سکتا ہے کہ وہ بھی علم تھا لیکن اب اس سے بہتر علم نکل آیا ہے۔ تو انسانی جسم کے متعلق جو ایک چھوٹی چیز ہے جس کے متعلق پہلے لوگ بھی تحقیقات میں لگے رہے ہیں اور اب بھی لگے ہوئے ہیں لیکن یہ مکمل ہونے میں نہیں آتی۔ انسان کا جسم بڑے سے بڑا اگر سات گز کا بھی سمجھ لیا جائے حالانکہ موجودہ زمانہ میں اِس قد کا کوئی انسان نظر نہیں آتا پھر بھی کیا ہے؟ ایک بہت ہی محدود شے ہے مگر خدا تعالیٰ نے اس کے ساتھ اس قدر علوم کو وابستہ کر دیا ہے کہ انسان دیکھ دیکھ کر حیران ہو جاتا ہے۔ا نسانی جسم کے صرف اسی شعبہ کے متعلق کیوںاس قدر علوم نکل رہے ہیں؟ اس لئے کہ خدا تعالیٰ کی ہر ایک پیدائش ذُوالْوجوہ ہوتی ہے اس کا تعلق صرف ایک بات سے نہیں بلکہ بیسیوں اور ہزاروں سے ہوتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ بیماریوں کے علاج کے لئے بعض تو دوائیوں کی طرف چلے گئے ہیں۔ بعضوں نے یہ ایجاد کیا ہے کہ جس عضو میں بیماری ہو اس کو کاٹ کر نکال دینا چاہئے بعض نے یہ کہا کہ بیمار عضو کو کاٹنا نہیں چاہئے بلکہ اس کو اچھا کرنے کی کوشش کرنی چاہئے۔ بعضوں نے ٹیکے ایجاد کئے۔ پھر دوائیوں کی طرف جانے والوں میں سے کچھ ایسے بھی نکل آئے جنہوں نے کہا کہ بیمار کو دوائیوں کے قدحے بھر بھر دینے سے فائدہ نہیںہو سکتا کیونکہ اس طرح دوائی کا اثر پھیلا ہوا ہونے کی وجہ سے بہت کم اور بہت دیر میں ہوتا ہے اس لئے دوائیوں کا اثر نکال کر بیمار کو دینا چاہئے۔ تو یہ نئے نئے علاج نکلتے آتے ہیں اور جس قدر زیادہ غور وخوض کیا جاتا ہے اُسی قدر اِس فن میں ترقی ہوتی جاتی ہے۔
پھر اب تو بعض نے غسل سے صحت حاصل ہونے کا طریق نکالا ہے اور بعض نے رنگوں سے کام لیا ہے۔ بعضوں نے مالشوں سے علاج کرنا شروع کر دیا ہے، بعضوں نے دبانے اور بھاپ کے علاج نکالے ہیں۔ یہ علاج پہلے کہاں تھے؟ لیکن انہی پر بس نہیں ہو گئی آئے دن نئی نئی باتیں نکلتی رہتی ہیں۔ اس سے ثابت ہوتا ہے کہ جو چیز خدا نے پیدا کی ہے اس میں اس قدر علوم بھرے پڑے ہیں کہ ان کا احاطہ آج تک نہ کوئی انسان کر سکا اور نہ کبھی کر سکے گا۔
یہی حالت خدا تعالیٰ کے کلام کی بھی ہے لیکن خدا تعالیٰ کے قول اور فعل میں ایک فرق ہے اوروہ یہ کہ خدا تعالیٰ کے فعل سے تو انسان کا کوئی تعلق نہیںلیکن قول سے تعلق ہے کیونکہ وہ انسانوں کے لئے ہی نازل ہوتا ہے اس لئے ضروری تھا کہ وہ انسانوں کی زبان میں ہی نازل کیا جاتا لیکن انسانوں کی بنائی ہوئی چیز محدود ہوتی ہے اور خدا تعالیٰ کو بھی انسانی زبان میں جو محدود ہے کلام نازل کرنا تھا کیونکہ اگر ایسا نہ کیا جاتا تو پھر خدا تعالیٰ کے کلام کو سمجھتا کون ۔ اس میں شک نہیں کہ عربی زبان الہامی ہے لیکن وہ نہیں محفوظ رہ سکتی تھی جب تک اس کا تعلق انسانوں سے نہ ہوتا۔ا نسانوں کے ساتھ تعلق رکھنے کے بغیر وہ مٹ جاتی۔ خدا تعالیٰ کی دوسری پیدا کردہ چیزوں کا تعلق اگر انسان سے نہ ہوتا تو وہ زندہ رہ سکتی تھیں مثلاً اگرانسان گھوڑوں کو نہ پالتا تو وہ جنگلوں میں پل سکتے تھے جیسا کہ اب بھی بعض جنگلوں میں پلتے ہیں۔یہی حال اَور چیزوں کا ہے لیکن عربی زبان کا تعلق جب تک انسانوں سے نہ ہوتا وہ قائم نہ رہ سکتی تھی اس لئے خدا تعالیٰ نے اسے بنایا تو محدود لیکن اس میں وسعت پیدا کرنے کا ایک اَور طریق رکھا اور وہ یہ کہ استعاروں اور تشبیہوں میں معانی کی وسعت رکھی گئی۔یہ بالکل صحیح بات ہے کہ عربی زبان میں جس قدر وسعت ہے اس قدر دنیا کی اَور کسی زبان میں نہیں مگر خدا تعالیٰ دنیا کو جو اپنے معارف اور حقائق سمجھانا چاہتا تھا ان کو یہ زبان بھی نہیں اُٹھا سکتی تھی اس لئے اس میں خدا تعالیٰ نے استعارہ کا رنگ اختیار کیا اور اس طرح لغت بہت وسیع ہو گئی۔ چونکہ الفاظ محدود اورپھر ان کے معانی محدود تھے اس لئے وہ خدا تعالیٰ کے غیر محدود معارف کا احاطہ نہیں کر سکتے تھے اس لئے خدا تعالیٰ نے روحانی علوم کو وسیع کرنے کے لئے اپنے کلام میں ابتداء سے ہی تشبیہہ اور استعارے کا باب کھول رکھاہے چنانچہ دنیا میں جس قدر ایسی کتابیں موجود ہیں جن کی نسبت دعویٰ کیا جاتا ہے کہ یہ خدا تعالیٰ کا کلام ہیں ان میں سے ایک بھی تو ایسی نہیں ہے جس میں استعارے اور تشبیہات نہ ہوں۔ حضرت دائود، حضرت موسیٰؑ ، حضرت عیسیٰؑ اور بہت سے انبیاء پر خدا تعالیٰ کے کلام کے نازل ہونے کی تو قرآن کریم تصدیق کرتا ہے ان کے علاوہ قرآن کریم یہ بھی کہتا ہے کہ ہر ایک قوم میں نبی آئے ہیں ۲؎ اور ایسی قومیں اب بھی موجود ہیں جو اس بات کا دعویٰ کرتی ہیں کہ ہم میں نبی آئے۔ اُن کے پاس جو کلام موجود ہے گو وہ کسی صورت میں ہی ہو تاہم اس میں بھی استعارے پائے جاتے ہیں اور قرآن کریم میں تو استعاروں کیلئے بڑا وسیع دروازہ کھلا ہے۔ اس سے معلوم ہوتا ہے کہ خدا تعالیٰ نے ابتداء سے جو اپنے کلام میں یہ طریق جاری کیا ہوا ہے اور تمام نبیوں پر اسی طرح نازل ہوا ہے تو اس میں کوئی بہت بڑی حکمت ہے ورنہ کیا یہ یونہی ہے؟ ہرگز نہیں۔ خدا تعالیٰ کے کلام کی نسبت یہ کبھی وہم وگمان بھی نہیں کیا جاسکتا۔ پس اِس میں یہی حکمت ہے کہ اس طرح معانی اور مطالب میں وسعت ہو جائے اور انسان کے لئے روحانی علوم میں ترقی کرنے کا دروازہ کھل جائے کیونکہ اِس طرح الفاظ میں اتنی وسعت پیدا ہو جاتی ہے کہ جو کبھی ختم ہونے میں ہی نہیں آتی۔
لیکن استعارہ اور تشبیہہ کا دروازہ کھولنے میں ایک دِقّت بھی تھی اور وہ یہ کہ بعض اوقات انسان اس کی وجہ سے اصل راستہ کوچھوڑ کر کہیں کا کہیں نکل جا سکتا تھا اس لئے خدا تعالیٰ نے ایک علاج مقرر کر دیا اور وہ یہ کہ جہاں استعارات کا باب رکھا وہاں محکمات کی بھی ایک شاخ رکھ دی۔ کیونکہ جہاں استعارہ ہو گا وہاں انسان وسیع معنی کر سکے گا اور ممکن ہے کوئی انسان معانی کو اس قدر وسعت دے یا ایسے معنی بھی کرے جو خدا تعالیٰ کے منشاء کے خلاف ہوں لیکن اسے یہ کس طرح پتہ لگے کہ فلاں معنی خدا تعالیٰ کی منشاء کے خلاف ہیں اور فلاں منشاء کے ماتحت اس کے لئے کوئی کسوٹی ہونی چاہئے۔ وہ کسوٹی یہی ہے کہ خدا تعالیٰ نے بڑے بڑے اصولِ دین کے لئے ایسے الفاظ رکھے ہیں جن میں کوئی استعارہ اور تشبیہہ نہیں بلکہ وہ عین مطابق ہیں اورا ن کو خدا تعالیٰ نے بطور حَکم کے رکھ دیا ہے وہ اس بات کا فیصلہ کر دیتے ہیں کہ جو آیات ذُوالْمَعَانِیْ ہیں ان کے فلاں معنی خدا تعالیٰ کی منشاء کے خلاف ہیں اور فلاں معنی بالکل مطابق۔کیونکہ جو معنی ان کے خلاف ہوں گے وہ ضرور غلط اور خدا تعالیٰ کی منشاء کے خلاف ہوں گے لیکن جو ان کے خلاف نہیں ہوں گے وہ غلط نہیں ہو سکتے خواہ ایک ہی آیت کے کتنے معنی نکلتے آئیں۔ یہی وجہ ہے کہ فقیہوں نے ایک ہی آیت کے کئی کئی معنی کئے ہیں اور رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے بھی فرمایا ہے کہ ہر ایک آیت کے سات بطن ہیں ۳؎ اور ایک صحابیؓ کہتے ہیں کہ جب تک ایک آیت کے پچیس معانی کسی کومعلوم نہ ہوں اُس وقت تک وہ فقیہہ نہیں کہلا سکتا۔ اس صحابی کو جھوٹا تو نہیں کہہ سکتے اور نہ ہی ہم آنحضرتؐ کی اس بات کوکہ ہر ایک آیت کے سات بطن ہوتے ہیں چھوڑ سکتے ہیں اس لئے اب یہی معنی کریں گے کہ بطن سے مراد ایک بڑا جزو اور حصہ ہے اس سے آگے ہر ایک بطن کے کم ازکم پچیس پچیس معانی ہوتے ہیں۔ پس جب کسی کو ایک بطن کے پچیس معانی آتے ہوں تب وہ فقیہہ ہو سکتا ہے۔ اِس سے دیکھو کہ معانی میں کس قدر وسعت ہو گئی ہے۔ پھر رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی صحیح احادیث سے معلوم ہوتا ہے کہ آپؐ نے ایک ہی آیت کے ایک جگہ ایک اور دوسری جگہ دوسرے معنی کئے ہیں۔ صحابہ کرامؓ کی نسبت بھی ایسا ہی ثابت ہے۔ اب یہ تو کہا نہیںجا سکتا کہ دوسرے معنی غلط ہیںبلکہ یہی کہا جائے گا کہ ایک آیت کے کئی معنی ہوتے ہیں کیونکہ ایک ہی آیت میں خداتعالیٰ نے بہت سے معانی اور مطالب رکھے ہوئے ہیں جو کھلتے رہتے ہیں۔ اس کی وجہ یہ ہے اگر اللہ تعالیٰ کے کلام کے ایک چھوٹے سے حصہ میں جو کچھ مراد ہے وہ سب کچھ الفاظ میں بتایا جاتا تو قرآن کریم اتنا بڑا ہو جاتا کہ کوئی پڑھ بھی نہ سکتا۔ لیکن اب خدا تعالیٰ نے قرآن کریم کو ایسے مختصر طور پر اُتارا ہے کہ ہر ایک اسے پڑھ سکتا اور اپنی لیاقت اور قابلیت کے مطابق اسے سمجھ سکتا ہے اور اس کے معانی سے آگاہ ہو سکتا ہے۔ اب جس قدر کوئی قرآن کریم کے مطالب اورمعانی پر آگاہ ہو سکتا ہے اس کے لئے وہی قرآن ہے۔ اور جوں جوں کسی میں تقویٰ و طہارت بڑھتا جاتا ہے اُسی قدر قرآن کریم کے زیادہ معارف اس پر کھلتے جاتے ہیںاور اس کیلئے یہی چھوٹا سا قرآن کریم بہت وسیع ہو جاتا ہے۔ حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام نے اپنی تصانیف میں بعض جگہ لکھا ہے کہ قرآن کریم کی آیات کے معنی مجھ پر اِس قدر کھولے جاتے ہیں کہ میں الفاظ نہیں پاتا کہ اُن کو ادا کر سکوں۔یہ ہے دوسری وجہ متشابہات کے رکھنے کی۔ پس کیا ہم متشابہات کو برا کہہ سکتے ہیں؟ ہر گز نہیں کیونکہ اگر یہ برائی اور نقص ہوتا تو خدا تعالیٰ اس کو قرآن کریم میں کیوںرکھتا۔ پھر خداتعالیٰ نے تو اس کو سورہ زمر میں اپنے فضلوں میں سے ایک فضل قرا ر دیا ہے اور دوسرے مذاہب پر ایک حجت قائم کرتے ہوئے قرآن کریم کی یہ ایک خوبی جتلائی ہے کہ ۴؎ اور تشبیہات قرآن کریم میں کثرت سے ہیں اور یہ اس کی خوبی ہے ۔لیکن اگر کوئی متشابہات کو نقص قرار دیتا ہے تو اسے یاد رکھنا چاہئے کہ وہ قرآن کریم کو ناقص قرار دے رہا ہے مگر قرآن کریم ناقص نہیں ہو سکتا پس ثابت ہوا کہ یہ نقص نہیں بلکہ خوبی ہے۔متشابہات رکھنے کی اَور بھی بہت سے حکمتیں ہیں لیکن اوّل تو آج کچھ دیر ہو گئی ہے دوسرے اِس وقت مجھے ایک اَور مضمون بیان کرنا ہے پھر کبھی خدا تعالیٰ نے توفیق دی تو اس کے متعلق بیان کروں گا۔
یہ آیات جو میں نے پڑھی ہیں ان میں خدا تعالیٰ فرماتا ہے کہ بعض لوگ جن کے دلوں میں کجی ہوتی ہے وہ محکمات کو چھوڑ کر متشابہات کے پیچھے پڑ جاتے ہیں۔ میں نے ابھی بتایا ہے کہ متشابہات کے الفاظ ہی ایسے رکھے جاتے ہیں کہ ان کے ذریعہ کثیر معانی پیدا ہو سکیں۔ پس جب ایساہو گا تو ایسے معنی بھی کئے جاسکیں گے جو کلام کرنے والے کی منشاء کے خلاف ہو ںگے اِس بات کے ازالہ کیلئے خدا تعالیٰ نے محکمات رکھی ہیں۔ لیکن وہ لوگ جن کے دلوں میں گند اور ناپاکی ہوتی ہے وہ بالکل متشابہات کی طرف چلے جاتے ہیں اور محکمات کو جج نہیں مقرر کرتے اس لئے ٹھوکر کھا کرخود بھی گمراہ ہو جاتے ہیں اور دوسروں کو بھی گمراہ کرتے ہیں اس میں نہ تو (نَعُوْذُ بِاللّٰہِ) خدا تعالیٰ کا قصور ہے اور نہ ہی شریعت کا اور نہ ہی ان الفاظ کا کیونکہ خدا تعالیٰ نے ٹھوکر سے بچنے اور سیدھے راستہ پر چلنے کے لئے محکمات کو رکھا ہوا ہے۔ ان کے مطابق اگر کسی متشابہہ آیت کے بیسیوںنہیں سینکڑوں اور ہزاروں معنی کئے جائیں تو جائز اور بالکل درست ہیں لیکن ان کے خلاف اگر ایک معنی بھی کئے جائیں تو وہ بھی درست نہیں ہو سکتے۔ اگر کسی کو کسی متشابہہ آیت کے وہ معنی کرنے نہیں آتے جو محکمات کے مطابق ہوں تو وہ نہ کرے لیکن یہ اس کے لئے ہرگز جائز اور درست نہیں کہ ان کے خلاف معنی کر دے ۔جو کوئی ایسا کرے گا وہ ایک بہت بڑی غلطی کا مرتکب ہو گا اور اس طرح سیدھے راستہ سے بہت دُور جا پڑے گا۔
ہمارے موجودہ اختلاف میں بھی اِس بات سے بعض لوگوں کو دھوکا لگا ہے۔ بعض اوقات ایک انسان کسی معمولی سی بات پر اَڑ جاتا ہے اور پھر ضد اور ہٹ سے کہیں کا کہیں نکل جاتا ہے ایسی حالت میں اس کے لئے کوئی بات بھی کارگر نہیں ہوتی۔کئی دفعہ ایسا ہوتا ہے کہ اگر کسی کو کہا جائے کہ تم نے یہ بات قرآن کریم کے خلاف کی ہے تو وہ غصہ کی حالت میں کہہ دیتا ہے کہ جائو قرآن کو گھر رکھو۔ ایک دفعہ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم جار ہے تھے کہ ایک عورت قبر پر بیٹھی رو رہی تھی آپؐ نے اُسے فرمایا صبر کرو۔ اُس نے کہا اگر تیرا بچہ مرتا تو تجھے پتہ لگتا کہ صبر کس طرح ہوسکتا ہے۔ ۵؎ اس نادان کو کیا معلوم تھا کہ جتنے بچے آپ کے فوت ہوئے ہیں اگر اتنے اس کے فوت ہوتے تو غم سے مر ہی جاتی۔ تو جب کوئی شخص غصہ اور ضد میں ہو تو ان باتوں کی بھی پرواہ نہیں کرتا جن کو وہ صحیح اور درست مانتا ہے اور ان کے خلاف کرنے پر بھی آمادہ ہو جاتا ہے۔
کسی پٹھان کی نسبت مشہور ہے کہ جب فقہ اور حدیث کے جھگڑے شروع ہوئے تو یہاں تک بڑھے کہ اس نے کسی حدیث میں پڑھا کہ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے نماز پڑھتے ہوئے دروازہ کھولا بچے کو گود سے اُتارا تو اُس نے کہہ دیا کہ او محمد (صلی اللہ علیہ وسلم) کانماز ٹوٹ گیا۔ اِس طرح اُس نے آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی بھی ہتک کرنے کی پرواہ نہ کی۔ پھر بعض نے اِسی ضد میں امام بخاری کی بڑی سخت ہتک کی ہے تو ضد میں انسان کسی بات کی پرواہ نہیں کرتا۔
اِس وقت کچھ لوگ ہمارے مقابلہ میں بھی ضد اور ہٹ دھرمی کو لے کر اُٹھے ہیں اور یہاں تک بڑھ گئے ہیں کہ اُنہوں نے کہہ دیا ہے کہ حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے الہام کچھ وقعت نہیں رکھتے۔ حتیٰ کہ ان میں ایک نے کہہ دیا ہے کہ حضرت مسیح موعوعلیہ السلام کے الہام ضعیف حدیث سے بھی کمتر ہیں۔ ضعیف حدیث کے کیا معنی ہیں؟ یہی کہ ایسے شخص کی روایت سے پہنچی ہوئی حدیث جو جھوٹا ہو یا جھوٹ کا عادی تو نہ ہو لیکن معتبر بھی نہ ہو یا اُس کا حافظہ ایسا ہو کسی بات کو صحیح طور پر یاد نہ رکھ سکتا ہو۔ یا ایسا شخص جس نے جان بوجھ کر کوئی جھوٹی حدیث بنائی ہو۔ ایسے راویوں کی بیان کی ہوئی حدیث کو ضعیف کہتے ہیں اور اگر ایسے راویوں کی روایت سے کوئی حدیث پہنچے جو سچے اور معتبر ہوں اور جن کے حافظہ میں نقص نہ ہو تو اس حدیث کو ضعیف نہیں کہتے۔ پس جس حدیث کو ضعیف کہا جاتا ہے اس کے یہ معنی نہیں ہیں کہ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے تو اسی طرح فرمائی ہے مگر وہ آپ کا ادنیٰ قول ہے بلکہ یہ ہے کہ اس کے پہنچانے والوں نے ہم تک درست اور صحیح نہیں پہنچائی۔ اس کے متعلق سوال راویوں کے سچے اور جھوٹے ہونے پر ہے۔ جس حدیث کو ضعیف کہاجاتا ہے وہ اسی لئے کہا جاتا ہے کہ اس کے راوی قابلِ اعتبار نہیں ہوتے۔ اور جس کو صحیح کہا جاتا ہے وہ اِسی لئے کہا جاتا ہے کہ اس کے راوی قابلِ اعتبار اور سچے ہوتے ہیں۔ا ب بحث اِس بات پر ہے کہ کیا ہم ایسے راویوں کی باتیں مانیں جن کے سچے اور معتبر ہونے کا بھی اعتبار نہیں۔ یا حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام کی باتوں کو مانیں جو کہتے ہیں کہ مجھے خدا تعالیٰ نے یہ کہا ہے۔ دیکھو ایک شخص کہتا ہے کہ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے یوں فرمایا ہے لیکن اُس نے خود آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم سے اُس بات کو نہیں سنا بلکہ بیسیوں ایسے انسانوں کی روایت سے اُس تک وہ بات پہنچی ہے جن میں سے بعض جھوٹے ہیں، بعضوں پر اعتبار نہیں کیا جا سکتا، بعضوں کی نسبت پتہ ہی نہیں کہ کون تھے اور بعضوں کی نسبت یہ شبہ ہے کہ جس کے متعلق وہ کہتے ہیں کہ اُس سے ہم نے بات سنی ہے اُس سے وہ ملے بھی ہیں یا نہیں۔ ایسے لوگوں کی معرفت پہنچی ہوئی کسی بات کو ہم مان لیں یا حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام کی جو کہتے ہیں کہ مجھے خدا تعالیٰ نے براہِ راست فلاں بات بتائی ہے۔ ہر ایک وہ شخص جس کے دل میں حق کا تھوڑا سا مادہ بھی ہے وہ یہی کہے گا کہ حضرت مسیح موعودؑ کے الہامات کو ماننا چاہئے ۔لیکن کچھ لوگ ہیں جو کہتے ہیں کہ نہیں حضرت مسیح موعودؑ کے الہامات کو نہیں ماننا چاہئے بلکہ ان لوگوں کی باتوں کو ماننا چاہئے اور ان کے ماتحت حضرت صاحب کے الہامات کو رکھنا چاہئے جو ضعیف حدیث بیان کرتے ہیں۔ ایسا کیوں کہا گیا؟ صرف ہمارے بغض اور حسد کی وجہ سے۔
اب جبکہ اُنہوں نے یہ کہہ دیا تو انہیں اپنی تائید کے لئے دلائل کی بھی ضرورت پیش آئی اور سب سے بڑی دلیل اُنہوں نے یہ دی کہ حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے بعض الہام ایسے ہیں جن میں شرک پایا جاتا ہے۔ مثلاً ایک تو یہ ہے کہ اَنْتَ مِنِّیْ بِمَنْزِلَۃِ وَلَدِیْ۔ ۶؎ لیکن میں کہتا ہوں کہ اگر کسی متشابہہ الہام کی وجہ سے حضرت مسیح موعود ؑکے الہامات ضعیف حدیثوں کے بھی ماتحت رکھے جائیں گے تو پھر قرآن کریم کو بھی ضعیف حدیثوں کے ماتحت رکھنا پڑے گا کیونکہ اس میں متشابہہ آیات ہیں۔ مثلاً قرآن کریم میں ہے کہ حضرت مسیح مُردے زندہ کرتے تھے۔ پھر ۷؎ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے کنکر پھینکنے کی نفی کی گئی ہے حالانکہ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے کنکر پھینکے اور صحیح حدیثوں سے ثابت ہے۔ ۸؎ اب یا تو یہ کرنا ہو گا کہ ان حدیثوں کو بھی غلط اور بناوٹی قرار دیا جائے جن میں رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے کنکر پھینکنے کا ذکر ہے یا یہ ماننا پڑے گا کہ قرآن کریم میں یہ استعارہ ہے۔ حدیثوں کو تو کوئی غلط نہیں کہہ سکتا اور نہ ہی وہ غلط ہیں اِس لئے یہی تسلیم کرنا پڑے گا کہ قرآن کریم میں استعارہ کے رنگ میں یہ بیان کیا گیا ہے۔
پس جبکہ قرآن کریم میں استعارہ ہے اور اس کو استعارہ سمجھ کر بھی پھر قبول کیا جاتا ہے توحضرت مسیح موعو علیہ الصلوٰۃ والسلام کا الہام کیوں قبول نہیں کیا جاسکتا۔ا گر استعارہ کی وجہ سے حضرت مسیح موعود کا الہام ناقابل قبول ہے تو اس کے چھوڑنے سے پہلے قرآن کریم کو چھوڑنا چاہئے۔ اور اگر کہا جائے کہ قرآن کریم میں متشابہات کے مقابلہ میں محکمات بھی ہیں ان سے فیصلہ ہو سکتا ہے۔ا گر ایک جگہ یہ آیا ہے کہ حضرت مسیحؑ مُردے زندہ کرتا تھا تو دوسری جگہ یہ بھی تو آگیا ہے کہ خدا کے سوا اور کوئی زندہ کرنے اور مارنے والا نہیں ہے۔ ا س سے معلوم ہو گیا کہ مسیح کے مُردہ زندہ کرنے کا کوئی اَور مطلب ہے اور وہ یہ کہ روحانی مُردے زندہ کرتا تھا۔ تو اسی طرح ہم کہتے ہیں کہ اگر مسیح موعود کا یہ الہام ہے کہ اَنْتَ مِنِّیْ بِمَنْزَلَۃِ وَلَدِیْ تو آپ ہی کے الہامات میں یہ بھی ہے کہ خدا تعالیٰ کا کوئی بیٹا نہیں۔ پس اگر قرآن کریم کی ایک آیت دوسری آیت کی تشریح کر دیتی ہے تو پھر کیوں ہم حضرت مسیح موعود ؑکے الہام کی تشریح دوسرے الہام سے نہ کریں۔اگر حضرت مسیح موعود کے الہامات متشابہات کے رنگ میں ہی ہوتے اور محکمات نہ ہوتے تو کوئی کہہ سکتا تھا کہ ان میں شرک پایاجاتا ہے لیکن آپ کے الہامات تو محکمات بھی ہیں اور اگر ایک اَنْتَ مِنِّیْ بِمَنْزِلَۃِ وَلَدِیْ آیا ہے تو دوسرے میں یہ بھی آیا ہے کہ خدا ایک ہے اس کا کوئی شریک نہیں اور نہ ہی اس کا کوئی بیٹا ہے۔ا ب قرآن کریم کی آیات اور حضرت مسیح موعودؑ کے الہامات کی ایک ہی حالت ہے پھر یہ کہاں کی دینداری ہے کہ اَنْتَ مِنِّیْ بِمَنْزِلَۃِ وَلَدِیْ کے الہام کو لے کر حضرت مسیح موعودؑ کے تمام الہامات کو ضعیف حدیث سے بھی نیچے گرا دیا جائے۔ جو کوئی اِس طرح کرتا ہے اُسے قرآن کریم بھی چھوڑنا پڑے گا ۔کیونکہ ایک طرف تو قرآن کہتا ہے کہ حضرت مسیحؑ مردے زندہ کیا کرتا تھا اور ادھر کہتا ہے کہ صرف خدا ہی زندہ کرتا ہے۔پس جو حضرت مسیح موعودؑ کے الہامات کو چھوڑے گا اُسے قرآن کریم چھوڑنا پڑے گا مگر میں کہتا ہوں کیا حدیثوں میں متشابہہ نہیں ہیں؟ا یک ہزار متشابہہ احادیث نکال دینے کا تو میں ذمہ دار ہوں۔ وہی حدیث جس میں’’ نبی اللہ‘‘ کا لفظ آیا ہے اس کے متعلق غیر مبائعین کہتے ہیں کہ اس میں استعارہ کے طور پر’’ نبی اللہ‘‘ کہا گیا ہے۔ اِسی سے ثابت ہوگیا ہے کہ حدیث میں بھی استعارہ ہے پھر اس کوبھی چھوڑ دینا چاہئے۔ا ب اُس شخص کو جو حضرت مسیح موعودؑ کے الہامات کو ضعیف حدیث کے ماتحت اس لئے رکھتا ہے کہ ان میں استعارے ہیں چاہئے کہ کہہ دے کہ قرآن کریم اور احادیث اور حضرت مسیح موعودؑ کے الہامات سب کو چھوڑ دینا چاہئے اور ان کو میرے الفاظ کے ماتحت لانا چاہئے کیونکہ ان سب میں استعارے ہیں۔
پھر عجیب بات ہے کہ وہ کہتے ہیں کہ مرزا صاحب کو نبی کہا گیا ہے مگر اس سے مراد ظلی نبی ہیں تو اس کو بھی چھوڑ دینا چاہئے۔ سب کو چھوڑنے کا نتیجہ یہ ہو گا کہ گویا مذہب کوئی چیز ہی نہیں۔ نہ قرآن ماننے کے قابل، نہ حدیث ماننے کے قابل، نہ حضرت مسیح موعودؑ کے الہامات ماننے کے قابل ،کیونکہ ان سب میں استعارے ہیں ان سب کو چھوڑ کر سو فسطائی بن جانا چاہئے۔
کسی بادشاہ کی نسبت مشہور ہے کہ اس نے کسی سو فسطائی کو ہاتھی کے سامنے ڈال دیا جب وہ بھاگنے لگا تو بادشاہ نے کہا بھاگتے کیوں ہو؟ اس کو بھی خیال ہی سمجھ لو۔ اس نے کہا بھاگتا کون ہے یہ بھی آپ کا خیال ہی ہے کہ میں بھاگ رہا ہوں۔ تو متشابہات کے ہونے کی وجہ سے جو سب کو چھوڑ دیا گیا تو پھر پیچھے وہم ہی وہم رہ گیا۔ قرآن کریم کے متعلق خدا تعالیٰ فرماتا ہے کہ اِس میںمحکمات اور متشابہات ہیں۔ لیکن جس میں متشابہات ہوں وہ تو قابلِ اعتبار نہیں اس لئے اس کو چھوڑ دینا چاہئے۔ پھر احادیث میں متشابہات ہیں اس لئے وہ بھی قابلِ قبول نہیں ان کو بھی ترک کر دینا چاہئے۔ پھر حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام کے الہامات میں متشابہات ہیں ان کو بھی چھوڑ دینا چاہئے۔ جب ان سب کو چھوڑ دیا گیا تو پھر باقی رہ کیا گیا؟
لیکن یاد رکھنا چاہئے کہ استعارے دو قسم کے ہوتے ہیں۔ ایک تو وہ جو لغت میں شامل ہیں اور دوسرے وہ جو ہر انسان خود بنا لیتا ہے۔ دوسری قسم کے استعاروں کے متعلق شبہ ہو سکتا ہے کہ ان میں شرک کی آمیزش ہے اور وہ مشکل سے سمجھ میں آسکتے ہیں۔ مگر وہ جو زبان کے اندر داخل ہو گئے ہوں ان کی نسبت یہ خیال نہیں کیا جا سکتا۔ حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے الہام میں جو استعارہ ہے وہ بھی اِسی قسم کا ہے۔ وَلَد کے دو معنی لغت میں آئے ہیں (۱) بیٹا (۲) جماعت۔ تو اَنْتَ مِنِّیْ بِمَنْزِلَۃِ وَلَدِیْ کے وہی معنی ہوئے جو جَرِیُّ اللّٰہِ فِیْ حُلَلِ الْاَنْبِیَائِ ۹؎ کے ہیں کہ تو مجھے ایسا پیارا ہے جیسے ایک جماعت پیاری ہوتی ہے۔ لغت کی مشہور کتب لسان اور تاج میں وَلَد کے معنی رَھط کے آئے ہیں اور رھط جماعت کوکہتے ہیں جیسا کہ حضرت شعیب کی نسبت قرآن کریم میں آیا ہے کہ ۱۰؎ تو وَلَد کے معنی اولیاء کی جماعت ہوئی۔ اس لئے اس الہام کے یہ معنی ہوئے کہ خدا تعالیٰ حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام کو فرماتا ہے کہ تو میرے نزدیک وہی درجہ رکھتا ہے جو انبیاء کی ایک جماعت رکھتی ہے کیونکہ آپ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے مظہر ہیں اور آپؐ کا مظہر تمام انبیاء کا قائم مقام ہے جیسا کہ قرآن کریم نے بھی رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی دوسری بعثت کو تمام انبیاء کے مقابلہ میں رکھا ہے۔ فرمایا وَاِذَاالرُّسُلُ اُقِّتَتْ ۱۱؎ پس جس طرح آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نوحؑ، ابراہیمؑ، یعقوبؑ، اسحٰقؑ،اسمٰعیلؑ، موسیٰؑ اور مسیحؑ تھے۔ اِسی طرح آپؐ کے بروز حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام بھی ان سب کے قائم مقام ہیں۔ تو اَنْتَ مِنِّیْ بِمَنْزِلَۃِ وَلَدِیْ کے معنی ہیں اَنْتَ مِنّیِ بِمَنْزِلَۃِ رَھْتِیْ۔ یعنی آپ کا خدا تعالیٰ کے نزدیک وہ درجہ اور رُتبہ ہے کہ جو انبیاء کی جماعت مجموعی طور پر پا سکتی ہے۔ا ب کوئی یہ تو کہہ سکتا ہے کہ اس سے دوسرے انبیاء کی ہتک ہو گئی ہے لیکن یہ ہرگز نہیں کہہ سکتا کہ اس سے شرک پایا جاتا ہے۔ پس یہ بات باطل ہو گئی کہ آپ کے الہاموں میں شرک پایا جاتا ہے۔
پھر اَنْتَ مِنِّیْ بِمَنْزِلَۃِ وَلَدِیْسے شرک نہ ہوا بلکہ توحید قائم ہوئی کیونکہ یہ وہ زمانہ تھا جس میں تمام اُمتوں میں شرک پایا جاتا تھا اس کو حضرت مسیح موعودؑ نے آکر دور کیا یہی وجہ ہے کہ ان نبیوں کے نام آپ کو دئیے گئے۔ پھر آپ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی محبت اور اُلفت میں ایسے صاف ہوئے کہ آپؐ کا عکس اپنے اندر لے لیا اس لئے آپؐ کا نام بھی پایا۔ اِس میں شرک کی کونسی بات ہے۔ جو لوگ کہتے ہیں کہ حضرت مسیح موعودؑ کے ان الہا مات میں شرک ہے ان کے علم وعقل کا پردہ فاش ہو گیا ہے۔ انہوں نے اعتراض تو ایک ایسے انسان پر کیا جو جَرِیُّ اللّٰہِ فِیْ حُلَلِ الْاَنْبِیَائِ ہے لیکن خود اتنی بھی تحقیقات نہیں کی کہ اس الہام کے معنی کیا ہیں۔ کسی نے کہا ہے
چوں خدا خواہد کہ پردہ کس درد
میلش اندر طعنئہ پاکاں زند
اِس وقت ایسے لوگ بھی ہیں جو احمدی کہلا کر حضرت مسیح موعود علیہ السلام پر حملہ آور ہورہے ہیں۔ مگر ان کو یاد رکھنا چاہئے کہ وہ جو حملہ بھی کریں گے وہی ان کی علمیت کی چادر کو چاک چاک کر دے گا ۔اُن کو اگر اپنے علم کا دعویٰ ہے تو ہو ہمیں نہیں ہے۔ لیکن اگر ساری دنیا کے عالم بھی ان کے ساتھ مل کر آجائیں گے تو وہی لوگ جن کو اُنہوں نے جہال کی جماعت کہا تھا ان کی ایسی پردہ دری کریں گے کہ ان کے لئے مرنا جینے سے اچھا معلوم ہو گا اور وہ مرنے کو بہتر سمجھیں گے۔ پس ان کے لئے بہتر ہے کہ تو بہ اور استغفار کر لیں اور پیشتر اِس کے کہ ان کی پردہ دری ہو اپنی ان حرکات سے باز آجائیں ورنہ اگر حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام کے الہامات کا درجہ متشابہات کی وجہ سے ضعیف حدیث سے بھی گھٹ جاتا ہے تو پھر قرآن کریم اور صحیح حدیثوں کا بھی یہی حال ہو گا اور انہیں بھی ان کو چھوڑنا پڑے گا کیونکہ ان میں بھی متشابہات ہیں۔
اِسی قسم کے کئی ایک اعتراض ان کی طرف سے کئے گئے ہیں جن میں انہوں نے اپنی علمی برتری دکھانے کی کوشش کی ہے لیکن ہر دفعہ ہی نہایت ذلیل اور رسوا ہوئے ہیں۔ انہیں میں سے ایک نے کہا تھاکہ مسلم کی حدیث میں جو’’ نبی اللہ‘‘ کا لفظ آیا ہے اس سے پتہ لگتا ہے کہ یہ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کا کلام نہیں بلکہ کسی ہندی کا ہے کیونکہ نبی کے ساتھ اللہ کا لفظ لگایا گیا ہے۔جب کوئی نبی ہو گا تو اللہ ہی کا نبی ہو گا پھر نبی اللہ کہنے کی کیا ضرورت ہے۔ا گر یہ بات درست ہے تو ہم کہتے ہیں کہ انبیاء ،اللہ جو قرآن کریم میں آیا ہے وہ کیا کسی عجمی نے قرآن کریم میں داخل کر دیا ہے کیسی نادانی اور جہالت کی بات ہے لیکن اِس پر بڑا فخر کیا گیا جس کے نتیجہ میں آخر ذِلّت اُٹھانی پڑی۔ اب بھی ایسا ہو گا اور اِنِّیْ مُھِیْنٌ مَنْ اَرَاَدَ اِھَانَتَکَ ۱۲؎ کے ماتحت جو حضرت مسیح موعودؑ کی ہتک کرے گا وہ خود ذلیل اور رُسوا ہوگا۔ صرف آپ کی ہتک کرنے والا کبھی عزت نہیں پا سکتا تو پھر آپ کے الہامات کی ہتک کرنے والا کہاں عزت پا سکتا ہے کیونکہ جو الہامات کی ہتک کرتا ہے وہ ا ُس کی ہتک کرتا ہے جس کا وہ کلام ہے یعنی خدا تعالیٰ کی۔
خدا تعالیٰ اِن لوگوں کی آنکھیں کھولے اور اِنہیں حق کے سمجھنے کی توفیق دے اور اِس ذلت و رُسوائی سے بچائے جس کے سامان وہ اپنے ہاتھوں کر رہے ہیں۔ اگرچہ ان کو ذِلت ان کے اپنے ہی افعال سے پہنچتی ہے مگر وہ کہلاتے تو احمدی ہیں اس لئے ہمیں افسوس بھی آتا ہے اور ہم دعا کرتے ہیں کہ خدا تعالیٰ انہیں سمجھ دے۔(الفضل ۱۲؍ دسمبر ۱۹۱۶ئ)
۱؎ اٰل عمران:۸ تا ۱۰ ۲؎ الرعد:۸۔فاطر:۲۵
۳؎ بخاری کتاب فضائل القرآن باب نزول القرآن علیٰ سبعۃ احرف
۴؎ الزمر:۲۴
۵؎ بخاری کتاب الجنائز باب زیارۃ القبور
۶؎ تذکرہ صفحہ ۵۲۶۔ ایڈیشن چہارم
۷؎ الانفال:۱۸
۸؎ سیرت ابن ہشام جزو ۲ صفحہ ۶۲۸
۹؎ تذکرہ صفحہ ۷۹۔ ایڈیشن چہارم
۱۰؎ ھود:۹۲ ۱۱؎ المرسلٰت:۱۲
۱۲؎ تذکرہ صفحہ ۳۴۔ ایڈیشن چہارم
۴۰
ہم اور ہمارے مخالفین میں کھلا فیصلہ
(فرمودہ ۱۵؍ دسمبر ۱۹۱۶ئ)
تشہد، تعوذ اور سورۃ فاتحہ کے بعد حضور نے مندرجہ ذیل آیت کی تلاوت کی۔
۱؎
بعد ازاں فرمایا:۔
’’قرآن شریف میں تین جماعتوں کی نسبت فرمایاگیا ہے کہ ان سے زیادہ ظالم کوئی نہیں۔
(۱) ایک تو وہ جو خدا پر افتراء کرتے ہیںا ن کو کوئی الہام نہیں ہوتا کوئی وحی نہیں ہوتی بلکہ جان بوجھ کر جھوٹ موٹ الہام بنا لیتے ہیں ان سے زیادہ بھی کوئی ظالم نہیں۔ ۲؎
(۲) دوسرے وہ لوگ جو سچے ملہموں اور مأموروں کا انکار کرتے ہیں۔ ۳؎
(۳) وہ لوگ ہیں جو مساجد میں ذکر الٰہی سے روکتے ہیں۔ ۴؎
خدا پر افتراء کرنے والا جو یہ کہتا ہے کہ مجھ پر وحی ہوئی ہے حالانکہ اُس پر خدا کی طر ف سے کوئی وحی نہیں ہوئی ہوتی۔ پھر وہ شخص جس کے لئے خدا کی طرف سے ایک شخص پیغام لے کر آتا ہے لیکن اُس کے پا س اگر اُس کے گھر سے کوئی پیغام لائے تو اُس کی سنتا اور مانتا ہے اور اگر سرکار کی طرف سے چپڑاسی آئے تو اُس کی عزت و توقیر کرتا ہے لیکن وہ جو خدا کی طرف سے اس کے پیغام لے کر آتا ہے اس کو کافر کہتا ہے اور اس کی مخالفت پر کمر بستہ ہو جاتا ہے۔ تیسرے وہ لوگ جو ان جگہوں سے روکتے ہیں جن کا نام اللہ کا گھر ہے اور جن کے بنانے کامقصد ہی یہ ہوتا ہے کہ ان میں اللہ کا ذکر کیا جائے لیکن وہ کہتے ہیں کہ ہم ان میں عبادت نہیں کرنے دیں گے ان سے زیادہ بھی کوئی ظالم نہیں۔ اور جو سب سے زیادہ ظالم ہو گا وہ کافر بھی ہو گا۔ لیکن خدا تعالیٰ تو فرماتاہے کہ یہ تین قسم کے لوگ ظالم نہیںبلکہ ہیں یعنی سب سے بڑے کافر ہیں۔ یعنی وہ لوگ جو جھوٹا الہام بناتے ہیں اور وہ جوسچے نبی کا انکار کرتے ہیں او ر وہ جو اللہ کے نام پر بنائی ہو ئی مساجد سے لوگوں کو نماز پڑھنے سے روکتے ہیں ۔ ا ن کے متعلق خدا تعالیٰ فرماتا ہے کہ ان کے لئے ذلّت ہے اور فرمایا ۵؎ ظالم کامیاب نہیں تو یہ تو ہیں یہ کیسے کامیاب ہو سکتے ہیںپس ان کے لئے دنیا وآخرت میں ذلت و ناکامیابی ہے۔
یہ تین بڑے گروہ ہیں جن کے متعلق فرمایا کہ یہ کامیاب نہیں ہو سکتے۔ حضرت مسیح موعودؑ کی صداقت کے متعلق جس وقت ہم یہ معیار پیش کرتے ہیں تووہ چند لوگوں کے نام لے دیا کرتے ہیں۔ مثلاً باب وغیرہ کہ وہ بھی تو ۲۳ سال سے زیادہ تک زندہ رہے۔ پس ان لوگوں کا کامیاب ہونا اور ۲۳سال تک زندہ رہنا ثابت کرتاہے کہ ظالم بھی کامیاب ہو جاتے ہیں۔ لیکن یہ ان کی غلطی ہے کہ ہمارے سامنے ان لوگوں کو پیش کرتے ہیں جو مفتری علی اللہ نہ تھے۔ یعنی یا تو ان کا دعویٰ نبوت تھا ہی نہیں یا وہ مجنون تھے اور مجنون سزا کا مستوجب نہیں ہوتا۔ خدا تعالیٰ نے سزا افتراء علی اللہ کرنے والوں کے لئے رکھی ہے یعنی جو اللہ پر جان بوجھ کر افتراء باندھتے ہیں لیکن مجنون بیچارہ تو نہیں جانتا کہ میں کیا کہہ رہا ہوں اور مجنون کو پہچاننا کوئی مشکل نہیں۔ پس جو شخص رسالت یا نبوت کا مدعی ہی نہیں یا جو مجنون ہے اُس کی مثال ہمارے سامنے نہیں پیش کی جا سکتی اور وہ جو اللہ ہونے کا مدعی ہو وہ بھی پیش نہیں کیا جا سکتا کیونکہ یہ معیار انہیں لوگوں کے پرکھنے کا ہے جو افترا ء علی اللہ کرتے ہیں اور مجنون نہیں ہوتے۔
بہاء اﷲ کا دعویٰ خدا ئی کا تھا اور اس میں سخت ناکام ہؤا لیکن لوگ اس کے حالات کی ناواقفیت کی وجہ سے کہہ دیا کرتے ہیں۔ پس اس کا رسالت کا دعویٰ نہ تھااور قرآن نے جھوٹے خدائوں کے لئے کوئی سزا اس جگہ نہیں فرمائی اور نہ ہی اِس کی ضرورت تھی کیونکہ لوگ اچھی طرح جانتے ہیں کہ ایک ضعیف اور ناتوان انسان کبھی خدا نہیں ہو سکتا لیکن رسول چونکہ انسان ہی ہوا کرتے ہیں اس لئے اگر جھوٹے رسول بھی کامیاب ہو جایا کرتے تو دنیا گمراہ ہو کر ہلاک ہو جاتی اور پھر سچے اور جھوٹے رسول میں کوئی امتیاز نہ رہتا اِس لئے نبوت کا جھوٹا دعویٰ کرنے والوں کے لئے یہ سزا مقرر کی کہ وہ ہلاک کئے جاتے ہیں۔ ہمارے سامنے جن کو پیش کیا جاتا ہے ان میں بہت سے تو پاگل تھے اور بعض رسالت کے مدعی ہی نہ تھے اورمجنون اور پاگل کے لئے یہاں عذاب کی شرط نہیں ہے کیونکہ مجنون کبھی اپنے دعویٰ میں کامیاب نہیں ہو سکتا لیکن حضرت مسیح موعود کو ہر مذہب وملت کے لوگوں نے مانا ہے اور ہر طبقہ کے لوگوں نے قبول کیا ہے اور یہ آپ کے کامیاب ہونے کی علامت ہے۔ ایک مجنون کی حرکات و سکنات میں وقار نہیں ہوتا اور وہ ہر ایک بات سے باہر ہو جاتا ہے اس لئے سمجھدار اور دانا متقی اور باقار لوگ اس کے ماتحت نہیںہوا کرتے۔ یوں تو مجنون تمام انبیاء کو ہی کہا گیا ہے اور حضرت نبی کریم (صلی اللہ علیہ وسلم) اور حضرت مسیح موعود (علیہ الصلوٰۃ والسلام) کو بھی کہا گیا ہے لیکن حضرت نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم اور حضرت مسیح موعودؑ کو ان لوگوں نے قبول کیا جن کی دانشوری اور عقلمندی دنیا میں مسلم تھی اور جن کو متفقہ طور پر دانا کہا جاتا تھا۔ ان لوگوں کا آپ کو قبول کرنا اس بات کی دلیل ہے کہ آپ مجنون نہ تھے اس کے علاوہ اَور بھی بہت سے دلائل ہیں جن سے آپ کے سچے ہونے کا ثبوت ملتا ہے مگر یہی ایک دلیل ایسی موٹی اور واضح ہے کہ ہر شخص اس کو سمجھ سکتا ہے۔
وہ لوگ جنہوں نے آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم اور حضرت مسیح موعودؑ کو قبول کیا یہ نہیں کہ کہیں دُور کے رہنے والے تھے اور آپ کے حالات سے ناواقف تھے بلکہ یہ وہ لوگ تھے جو بچپن سے لے کر جوانی تک اور پھر آخری عمر تک آپ کے حالات کو خوب اچھی طرح جانتے تھے۔
حضرت ابوبکرؓ جو اپنی قابلیت اور دانائی کے لحاظ سے تمام قوم میں عزت و وقعت کی نظر سے دیکھے جاتے تھے اور جب کسی پر کوئی مشکل آپڑتی تھی تو وہ آپ کی طرف مشورہ کے لئے رجوع کرتا تھا جس وقت ان کو معلوم ہوا کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے دعویٰ نبوت کیا ہے اُس وقت آپ سفر سے آرہے تھے آپ نے سننے کے ساتھ فوراً ہی قبول کر لیا اور کہا کہ اس شخص نے نبوت کا دعویٰ کیا ہے تو وہ جھوٹا نہیں ہو سکتا۔ ۶؎ پھر حضرت ابوبکرؓ ہی نہیں بلکہ ہزاروں دانائوں نے آپ کو قبول کیا۔ ان لوگوں کا آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کو تسلیم کرنا جن کی دانائی و عقلمندی مشہور تھی آپؐ کے مجنون نہ ہونے پر گواہ ہے اس لئے وہ لوگ جو ایسے لوگوں کی مثالیں لا کر حضرت نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے دعویٰ کو جھٹلانا چاہتے ہیں جنہوں نے دعویٰ نبوت ہی نہیں کیا یا وہ مجنون تھے بہت بڑی غلطی کے مرتکب ہوتے ہیں۔
حضرت مسیح موعودؑ کو بھی بہت سے اِسی قسم کے لوگوں نے مانا ہے جو اپنے حلقہ میں خاص عزت و احترام رکھتے تھے۔ مثلاً حضرت مولوی نورالدین صاحب ایک ایسے شخص تھے جن کو تمام ہندوستان میں کم وبیش لوگ خوب جانتے اور آپ کی قابلیت کو تسلیم کئے ہوتے تھے اور خصوصاً آپ علمِ طب میں ایسے شہرہ آفاق تھے کہ جس کی نظیر نہیں اور طب و ہ علم ہے کہ جس سے جنون کو خوب پہچانا جا سکتا ہے۔پس آپ کا حضرت مسیح موعودؑ کے دعویٰ کو تسلیم کرنا ثابت کرتا ہے کہ حضرت مسیح موعود مجنون نہ تھے کیونکہ اگر مجنون ہوتے تو وہ شخص جس کی طبی قابلیت خاص طور پر مشہور تھی اور جو اپنے پیشہ میں فرد تھا اس کو وہ تسلیم نہ کرتا لیکن اس نے ایسا تسلیم کیا کہ سب کچھ چھوڑ کر اس کے پاس آبیٹھا اور یہیں اپنی زندگی کو ختم کر دیا۔
پھر اَور بہت سے لوگ ہیں جو اپنے اپنے حلقہ میں خاص درجہ رکھتے تھے انہوں نے حضرت مسیح موعودؑ کو قبول کیایہ ثبوت ہے اس بات کا کہ آپ مجنون نہ تھے۔ حضرت مولوی نورالدین صاحب دعویٰ سے کئی سال پہلے کے حضرت صاحب سے ملنے والے تھے، روزانہ مجالس میں ساتھ رہے۔ پھر اللہ تعالیٰ نے حضرت اقدس سے اِس قسم کی اعلیٰ کتب لکھوائیں کہ دنیا نے ان کی عمدگی اور برتری کو تسلیم کر لیا اور جان لیا کہ یہ وہ کام ہے جس کو اَور عقلمند بھی نہیں کر سکتے۔پس براہین احمدیہ کا آپ سے لکھوانا اور دانا لوگوں کا آپ کو قبول کرنا شاہد ہے اِس بات پر کہ آپ مجنون نہ تھے۔
پھر بعض لوگ کہا کرتے ہیں کہ کئی ولی اور صدیق ہوئے کہ لوگوں نے ان کے وقت میں ان کا انکار کیا اور باوجود انکار کرنے کے ہلاکت سے بھی بچ گئے۔ ہم کہتے ہیں کہ تم ایک نہیں ہزار ولیوں کے مخالفین کا حال بھی پیش کرو وہ ہمارے مقابلہ میں کوئی وقعت نہیں رکھتا ہاں اگر تم لوگ اپنے دعویٰ میں سچے ہو تو کسی نبی کی مثال پیش کرو کہ اُس کو جھٹلانے اور اُس کی مخالفت میں سرگرم رہنے والے کامیاب ہوئے ہوں کیونکہ حضرت مسیح موعودؑکا نبوت کا دعویٰ تھالیکن ایک نبی کی بھی مثال پیش نہیں کی جاسکتی۔
غرض یہ تین گروہ ہیں جن کو قرار دیا گیا ہے اور جن کے متعلق فرمایا ہے کہ یہ کامیاب نہ ہوں گے یہ آیتیں میں نے دیکھا ہے احمدیوں اور غیر احمدیوں میں خوب فیصلہ کرتی ہیں۔ دونوں گروہ مدعی اسلام ہیں اور ایک دوسرے کو کافر کہتے ہیں اب ہمارا اور ان کا فیصلہ آسان ہے۔ کے معنی کافر کے ہیں اور ہمارا اور ان کا یہ اختلاف ہے کہ وہ حضرت مسیح موعود کو مفتری علی اللہ قرار دیتے ہیںلیکن ہم حضرت مسیح موعودؑ کو سچا اور راستباز یقین کرتے ہیں اور غیر احمدیوں کو اس سچے مدعی کو جھٹلانے والے کہتے ہیں۔ اب ہم دونوں میں اختلاف ہے۔ ہم کہتے ہیں کہ تم کَذَّبَ بِاٰیٰتِۃٖ کے مصداق ہو کر ہو اور وہ ہمیں نعوذ بِاللہ مفتری علی اللہ کو ماننے والے قرار دے کر بمعنی کافر کہتے ہیں۔ ہم دونوں میں اختلاف ہے۔ یہ دونوں فریق کو مسلّم ہے کہ اسلام سچا مذہب ہے اس کے باہر کوئی سچا مذہب نہیں جب اسلام کے باہر سچائی نہیں تو اِن دونوں میں سے ایک سچا ضرور ہے۔ا گر دونوں میں سے کوئی سچا نہیں تو اِس کے معنی یہ ہیں کہ دنیا میں سچا مذہب کوئی نہیں کیونکہ دونوں فریق کو یہ مسلّم ہے کہ اسلام کے باہر کوئی مذہب سچا نہیں۔ پس اِن دونوں میں سے ایک سچا ہے اور ہمیں اس سچے کو ہی معلوم کرنا ہے۔
اب ہم فیصلہ کے لئے قرآن مجید کی طرف جاتے ہیں۔ وہاں ان دو گروہوں کے علاوہ ایک اَور گروہ ہے جس کے متعلق آیا ہے۔ یعنی ایک گروہ ہے کہ وہ بھی بڑا ظالم ہے جو لوگوں کو اللہ کی مسجدوں سے روکتا ہے کہ ان میں عبادت نہ کرو۔ اب ہم دیکھتے ہیں کہ یہ آیت کن پر چسپاں ہوتی ہے۔ آیا ہم ہیں وہ لوگ جو اپنی مسجدوں میں کسی کو عبادت کرنے سے روکتے ہیں اور کہتے ہیں کہ ہماری مسجدوں میں آکر کوئی نماز نہ پڑھے یا غیر احمدی ہیں جو احمدیوں کے لئے مسجدوں میں عبادت کرنے کی ممانعت کرتے ہیں؟جو اس طرح کرتے ہوں گے یعنی اپنی مسجدوں میں نماز پڑھنے سے روکتے ہوں گے اُن پر یہ آیت چسپاں ہو گی۔ ہم پر تو چسپاں نہیں ہو سکتی کیونکہ ہماری مسجدوں میں ہر ایک شخص خواہ ہمیں کافر ہی کہتا ہو یا ہمارے قتل کا فتویٰ ہی دیتا ہو یا ہمارا مال غصب کرنا بھی جائز جانتا ہو نماز پڑھ سکتا ہے۔ ہم ان میں سے کسی کو منع نہیں کریں گے وہ آئیں اور ہماری مسجدوں میں نماز پڑھیں۔ لیکن دیکھو غیر احمدی ہم سے کیا سلوک کر رہے ہیں۔ کیا ان کی بعض مسجدوں کے دروازوں پر نہیں لکھا ہوتا کہ اس مسجد میں کسی مرزائی (احمدی) کو داخل ہونے کی اجازت نہیں؟ پھر کیا ان کے علماء کی طرف سے یہ فتوے شائع نہیں ہوئے کہ احمدی ہماری مسجدوں میں آکر نماز نہیں پڑھ سکتے؟پس یہی لوگ ہیں جو مسجدوں میںنماز پڑھنے سے ہم کوروکتے ہیں اس لئے وہ اس آیت میں کے ماتحت قرار پائے اور اس آیت نے فیصلہ کر دیا ہے کہ جو شخص مساجد اللہ سے روکتا ہے وہ کافر ہے۔ پس اِس آیت نے ہمیں بتا دیا کہ یقینی طور پر غیر احمدی جھوٹے ہیں اور ہم سچے ہیں۔ نیز یہ بھی فیصلہ ہو گیا کہ ان دونوںگروہوں میں سے جو اسلام کے مدعی ہیں کون حق پر ہے۔
آج ہمارے نئے مخالف (غیر مبائعین) ہم کوکہتے ہیں کہ تعلیم یافتہ طبقہ ا ِس قسم کا ہے کہ وہ ہمیں کافر نہیں کہتا۔ پس جب وہ لوگ ہمیں کافر نہیں کہتے تو ہم بھی ان کو حضرت مسیح موعودؑ کے ارشاد کے ماتحت کافر نہیں کہہ سکتے۔ہم کہتے ہیں اگر کوئی ایسے لوگ ہیں توان کو تو حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃوالسلام نے فرمایا ہے کہ ان کا فرض ہے کہ وہ کم ازکم دو سَو مولویوں کے نام بنام کی فہرست بنا کر جنہوں نے ہمیں کافر کہا ہے شائع کر دیں کہ ہم ان مولویوں کو کافر سمجھتے ہیں اور پھر وہ خدا کے ان تازہ بتازہ نشانات کو جو ہمیں خدا کی طرف سے ملے ہیں ان کو قبول کریں اوران کے دل میں کوئی شعبہ نفاق نہ ہو۔ جب وہ ایسا کریں گے تو ہم بھی ان کو مسلمان کہیں گے۔ا ب یہ ایسی ہی بات ہے جیسی کہ قرآن کریم میں اللہ تعالیٰ نے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے متعلق فرمائی ہے کہ اگر خدا کا بیٹا ہو تو اے محمد (صلی اللہ علیہ وسلم) تم ان سے کہہ دو کہ میں سب سے پہلے اُس کی عبادت کرتا۔ گویا نہ خدا کا کوئی بیٹا ہے نہ اس کی عبادت ہو سکتی ہے۔ اسی طرح نہ کوئی ایسا غیر احمدی شخص ہے جس نے حضرت صاحب کی اِس شرط کو پورا کیا ہو اور نہ ہم کسی کو مسلمان کہہ سکتے کیونکہ اِس قسم کا آدمی جو اِن مولویوں کو کافر کہے اور پھر حضرت مسیح موعودؑ کے تازہ بتازہ نشانات کو مانے اور پھر اس میں کوئی شعبہ نفاق بھی نہ ہو تو وہ پھر غیراحمدی نہیں رہ سکتا وہ تو ضرور حضرت مسیح موعود کی جماعت میں داخل ہو جائے گا۔ لیکن اگر اس نے بیعت نہیں کی تو معلوم ہوا کہ اس کے دل میں شعبہ نفاق باقی ہے۔ ہم کہتے ہیں کہ اس قسم کی کوئی مثال نہیں پائی جاتی مگر غیر مبائعین کہتے ہیں کہ پائی جاتی ہے لیکن ہم نے تو اِس وقت تک کوئی ایک شخص بھی ایسا نہیں دیکھا ۔اگر ان کو کوئی ایسا شخص معلوم ہو جو حضرت مسیح موعودؑ کی اِس شرط کو پورا کرنے والا ہو تو اسے پیش کریں۔ لیکن وہ یاد رکھیں کہ یہ شرط زبان سے کہہ دینے سے پوری نہیں ہوتی کیونکہ اس کا تعلق عمل سے ہے۔ا ب اگر کوئی ان کے پاس الگ بیٹھ کر یہ بھی کہہ دیتا ہو کہ میں احمدیوں کو مسلمان سمجھتا ہوں تو وہ اُس وقت تک کسی شما رمیں نہیں آسکتا جب تک کہ حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی مقررہ شرط کو پورا نہ کر لے۔ پس ہر ایک وہ شخص جو کہتا ہے کہ میں احمدیوں کو مسلمان سمجھتا ہوں وہ اس شرط پر بھی عمل کر کے دکھائے پھر ہم اُس کو کافر نہیں کہیں گے۔ لیکن ایسا آدمی ایک بھی نہیں جب ایک بھی نہیں تو ہم ان غیر احمدیوں کو کس طرح مسلمان کہہ دیں۔
ہم چیلنج کرتے ہیں کہ غیر مبائعین ایک آدمی ہی اِس قسم کا دکھا دیں جس میں یہ شرط پائی جاتی ہو اور پھر وہ غیر احمدی ہو۔ یہ ہر گز نہیں ہو سکتا۔ کیونکہ ایسا شخص ضرور حضرت مسیح موعودؑ کی جماعت میں داخل ہو جائے گا۔
ہمیں کہا جاتا ہے کہ تعلیم یافتہ گروہ ایسا نہیں جو ہم کو کافر کہتا ہو۔ اوّل تو ہم کہتے ہیں کہ چونکہ حضرت مسیح موعودؑ نے جو شرط ان کو مسلمان کہنے کے لئے لگائی ہے اُس کو پورا نہیں کرتے اس لئے ہم ان کو مسلمان نہیں کہہ سکتے۔ دوسرے یہ بھی غلط ہے کہ انگریزی تعلیم یافتہ ہمیں کافر نہیں کہتے۔ آج ہی میں نے انگریزی اخبار سول میں ایک تار پڑھا ہے۔ مونگھیر میں ہمارا ایک مقدمہ ہے۔ پہلے عدالت ماتحت میں مقدمہ ہوا وہاں کی عدالت نے فیصلہ کیا کہ یہ احمدی ہیں تو مسلمان مگر غیر احمدیوں کی مسجد میں جماعت نہیں کرا سکتے۔ اس کے متعلق ہماری طرف سے ہائیکورٹ میں اپیل ہوئی ہے۔ غیر احمدیوںکی طرف سے مظہر الحق وکیل ہے جو انگریزی خوانوں کا بہت بڑا لیڈر ہے اور بہت بڑا آزاد طبع مشہور ہے بلکہ اِس قدر حد سے زیادہ آزاد ہے کہ جب لیگ کا جلسہ بمبئی میں ہوا تو مسلمانوں نے کہا کہ اس شخص کو کیوں صدر بنایا گیا ہے جس کے منہ پر نہ داڑھی نہ مونچھ یہ ہمارا قائم مقام نہیں ہو سکتا۔ اس کو اسلام سے کوئی تعلق نہیں۔ اس مقدمہ میں اس نے عدالت میں بیان کیا ہے کہ احمدی لوگ کافر ہیں اس لئے ان کو مسجدوں میں آنے کی اجازت نہیں ہونی چاہئے۔ اگر کوئی کہے کہ وکیل تو اپنے مؤکل کا مذہب پیش کیا کرتا ہے اس لئے مظہر الحق نے غیر احمدیوں کا مذہب پیش کیا ہے تو یہ بھی غلط ہے کیونکہ دونوں طرف کے وکیل مفت اس مقدمہ کی پیروی کررہے ہیں۔ پس اس کا اِس جگہ آکر مفت کھڑا ہونا ہی ثابت کرتا ہے کہ وہ ہمیں کافر سمجھتا ہے اور اگر اس نے دل سے ہمیں کافر نہیں کہا اور بظاہر ہمارا نام کافر رکھاہے تاکہ اس کے مؤکل اس سے خوش ہوں تو یہ اس سے بھی بُرا ہے۔
اس نے بڑا زور اس دلیل پر دیا ہے کہ چونکہ یہ لوگ کافر ہیںاس لئے یہ ہماری مساجد میں آکر نماز نہیں پڑھ سکتے اور ان کو ہماری مسجدوں میں آنے کاحق نہیں ۔ کیا اب بھی کسی کو شک ہے کہ انگریزی تعلیم یافتہ ہمیں کافر نہیں کہتے؟ وہ شخص سچے دل سے مسلمان کہے گا وہ ضرور احمدی ہو جائے گا کیونکہ خد ا تعالیٰ فرماتا ہے ۷؎ اللہ تعالیٰ قسم کھا کر فرماتا ہے کہ جو ہماری راہ میں کوشش کرتے ہیں ہم ضرور اُن کو ہدایت دیتے ہیں۔ پس جو شخص ہمیں مسلمان کہے گا وہ یقینا احمدی ہو کر رہے گا۔
اِس موقع پر مظہر الحق کا ہمیں کافر کہنا بھی ہمارے لئے ایک فتح ہے تعلیم یافتہ گروہ اس موقع پر ہمارے مقابلہ میں آیا ہے اور اِس وقت ان کے بڑے سرکردہ نے ہمیں کافر کہا ہے۔ اصل بات یہ ہے کہ ان لوگوں کے دلوں میں بہت بڑا بغض ہے ورنہ ان لوگوں کا تو یہ رویہ ہے کہ یہ بظاہر کسی کو بھی بُرا نہیں کہتے بلکہ یہ تو ا س کو تہذیب سمجھتے ہیں کہ کسی کی بُری بات کو بھی بُرا نہ کہا جائے اور ایک دوسرے کے عقیدہ کے متعلق کوئی بات نہ چھیڑی جائے۔ غالباً اسی مظہر الحق نے ایک ہندوئوں کی مجلس میں تقریر کرتے ہوئے کہاتھا کہ مسلمانوں کو ہندوئوں سے فلسفہ سیکھنا چاہئے یہ کسی کو بھی بُرا کہنا جائز نہیں جانتے۔ لیکن ہمیں ان لوگوں کا مساجد سے روکنا اور کہنا کہ یہ لوگ بوجہ کافر ہونے کے مساجد سے روکے جانے چاہئیں اس بات کی دلیل ہے کہ یہ ہمیں کافر جانتے ہیں۔
بعض لوگوں نے اس آیت کے یہ معنی کئے ہیں کہ جو کسی کے جی میں آئے مسجد میں کھڑا ہو کر کہہ دے لیکن یہ درست نہیں کیونکہ تقریر ہر مقرر کا اپنا خیال ہوتا ہے اس کا نام ذکر اللہ نہیں رکھا جا سکتا۔ اِس مسجد میں بھی بعض لوگ بولنا شروع کرتے ہیں اور دوسرے لو گ جو سنتیں یا اَوراد پڑھ رہے ہوتے ہیںاُن کو تکلیف ہوتی ہے اس لئے ایسا کرنا جائز نہیں ہے۔ تقریر اپنا ایک خیال ہے وہ ذکر اللہ نہیں۔اِس طرح اگر کوئی پادری آئے اور مسجد میں تقریر شروع کر دے تو کیا یہ اس کا حق ہے؟ ہرگز نہیں۔ کیونکہ یہ تو ذکر اللہ نہیں۔ لیکن اگر وہ اپنے طریق عبادت سے ہماری مسجد میں عبادت کرنا چاہے تو اُس کو ہم بڑی خوشی سے اجازت دیں گے اگرچہ وہ طریق غلط ہے مگر ان کے ہاں چونکہ اسی طرح خدا کی عبادت کرتے ہیں اس لئے ہم اس کو نہیں روکیں گے۔
آپ لوگوں کو یادر کھنا چاہئے کہ ذکر الٰہی ، تسبیح وتحمید، اَللّٰہُ اَکْبَرُ اُونچا نہیں کہنا چاہئے اس طرح دوسروں کو تکلیف ہوتی ہے لیکن بعض لوگ اُونچی اُونچی بول کر دوسروں کی نماز اور ذکرِ الٰہی میں حارج ہوتے ہیں۔
آج سے میں اعلان کرتا ہوں کہ کسی شخص کو یہاں کی مسجدوں میں میری اجازت کے بغیر تقریر کرنے کی اجازت نہیں ہے لیکن ذکرِ الٰہی خواہ ہندو بھی کرنا چاہیں توہم ان کو اجازت دیں گے اور بڑی خوشی سے دیں گے۔
ایک دفعہ حضرت ابوہریرہؓ مسجد میں بیٹھے ہوئے اُونچی آواز سے حدیث سنارہے تھے حضرت عائشہؓ نے روک دیا اور کہا کہ یہ کیا کرتے ہو؟ اور کہا کہ کیا رسو ل اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے وقت میں بھی اسی طرح ہوتا تھا جس طرح تم کرتے ہو حضرت ابوہریرہؓ خاموش ہوگئے۔۸؎ تو مساجد میں بُلا کر انتظامِ لیکچر شروع کر دینا یہ دوسروں کے لئے ابتلاء ہے۔ بعض لوگ تقریر کے شور سے مجبور ہو کر اپنے نفل چھوڑ دیتے ہیں۔ پس مساجد میں تقریروں کے لئے انتظام ضروری ہے۔ا گر غیر احمدی اپنی مسجدوں میں حضرت صاحب کے دعویٰ بیان کرنے سے ہمیں روکیں تو وہ ہمیں روک سکتے ہیں کیونکہ قرآن کریم نے عبادت کی اجازت دی ہے اور اس میں انسان کے اپنے خیالات کا دخل نہیں ہوتا۔ جس طرح کسی کا عقیدہ ہو وہ اُسی طرح کر سکتا ہے لیکن ہمیں تو عبادت کرنے سے روکا جاتا ہے اس لئے اِس آیت کی رُو سے ہمیں مسجدوں سے روکنے والے غیرا حمدی ہیں اور یہ اس بات کا ثبوت ہے کہ ہماری جماعت حق پر ہے۔
بعض لوگ ہمارے قرآن کریم کی آیت کو حضرت مسیح موعود ؑکی صداقت کا معیار قرار دینے سے چڑا کرتے ہیں لیکن وہ بے شک چڑیں قرآن کریم سے لے کر سورہ تک حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی صداقت سے لبریز ہے کیونکہ قرآن کریم رسولوں کی صداقت کے نشان بتلاتا ہے اور حضرت مسیح موعود علیہ السلام کا دعویٰ رسالت کا ہے۔ پس آپ میں تمام انبیاء کے نشان پائے جاتے ہیں اس لئے جس قدر نبیوں کی شناخت کے معیار قرآن کریم میں ہیں وہ سب آپ پر بھی چسپاں ہوتے ہیں۔ اور قرآن کریم جس طرح حضرت ابراہیمؑ، نوحؑ،د ائودؑ، اسحقؑ، یعقوبؑ اور رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی صداقت ظاہر کرتا ہے اسی طرح حضرت مسیح موعود ؑکے دعویٰ کو ثابت کرتا ہے۔ پس ہم سے لڑنے والا ہم سے نہ لڑے بلکہ خدا سے لڑے جس نے تمام معیار حضرت مسیح موعود کی صداقت میں رکھ دئیے ہیں۔
اللہ تعالیٰ ہمارے دشمنوں کو اس امر کے سمجھنے کی توفیق دے کہ وہ ہمیں اپنی مسجدوں سے روک کر کونسا پہلو اختیار کر رہے ہیں۔ وہ خوب یاد رکھیں کہ جو شخص مساجد سے روکتا ہے وہ دنیا و آخرت میںکبھی عزت نہیں پا سکتا کیونکہ اللہ تعالیٰ فرماتا ہے کہ وہ لوگ دنیا میں بھی ذلیل ورسوا ہوں گے اور آخرت میں بھی۔ پس وہ مسجد یں جن سے آج ہمیں روکتے ہیں وہ دن آتا ہے کہ اوّل بھی اور بعد بھی ہم ہی ان میں نماز پڑھنے پڑھانے والے ہوں گے۔
(الفضل ۹؍ جنوری ۱۹۱۷ئ)
۱؎ البقرۃ:۱۱۵ ۲؎ الانعام:۹۴ ۳؎ العنکبوت:۶۹،الزمر:۳۳
۴؎ البقرۃ:۱۱۵ ۵؎ الانعام:۲۲
۶؎ بخاری کتاب فضائل اصحاب النبی ﷺ باب مناقب المہاجرین
۷؎ العنکبوت:۷
۸؎ مسلم کتاب الزھد باب التثبت فی الحدیث و حکم کتابۃ العلم
۴۱
شعائر اللہ کی تعظیم
(فرمودہ ۲۲؍ دسمبر ۱۹۱۶ئ)
تشہد، تعوذ اورسورہ فاتحہ کے بعد حضور نے مندرجہ ذیل آیت کی تلاوت کی:۔
۱؎
اس کے بعد فرمایا:۔
’’یہ آیت جو سورہ فاتحہ کے بعد میں نے پڑھی ہے بہت چھوٹی سی آیت ہے اور اس کے اندر چند ہی لفظ ہیں لیکن انسان کے فرائض اور اُس کی ذمہ داریوں کو اس میں ایسے صریح اور صاف اور کھلے الفاظ میں بیان کیا گیا ہے کہ اگر کوئی شخص سمجھ اور عقل سے کام لینے والا ہو تو اسی کے ذریعہ وہ اپنے اعمال درست کرسکتا ہے۔ سب انسانوں میں عقل اور سمجھ ہی کا فرق ہوتا ہے ورنہ ایک ہی قسم کے سب ہوتے ہیں۔ آنکھ، کان، ناک،منہ، سر، پائوں وغیرہ کے لحاظ سے تو سب برابر ہوتے ہیں لیکن باوجود اس کے کہ سب کا ایک ہی سر ہوتا ہے دو کسی کے نہیں ہوتے اور باوجود اس کے کہ سب کی آنکھیں دو ہی ہوتی ہیں تین کسی کی نہیں ہوتیں اور باوجود اس کے کہ سب کے کان دو ہی ہوتے ہیںچار یا پانچ کسی کے نہیں ہوتے لیکن انہیں میں سے ایک تو اتنی ترقی کر جاتے اور اِس قدر بلند ہو جاتے ہیں کہ دوسروں کی نظروں سے ہی پوشیدہ ہو جاتے ہیں اور ان کو آدمی نہیں سمجھا جاتا بلکہ خدا بنا لیا جاتا ہے۔ گویا وہ اُڑ کر دوسرے انسانوں کی نظروں سے اس قدر بعید ہو جاتے ہیں کہ وہ ان کی اصلی حالت کا اندازہ ہی نہیں کر سکتے۔ ان کی انسانیت پوشیدہ ہوجاتی ہے اور کمالات اس قدر بڑھ جاتے ہیں کہ انہیں خدا بنا لیا جاتا ہے۔ لیکن کیا آپ لوگ جانتے ہیں کہ کیا فرق ہوتا ہے اُس انسان میں جس کو خدا بنا لیا جاتا ہے اور اُس میں جو اس کے آگے سجدہ کرتا ہے ؟یہی عقل کا ہی فرق ہوتا ہے۔ ایک نے چونکہ عقل سے کام لیا اس لئے بہت بڑھ گیا اور دوسرے نے نہ لیا اس لئے وہ سجدہ کرنے والابن گیا۔ ایک بڑھا تو اتنا بڑھا کہ خدا سمجھ لیا گیا اور دوسرا گرا تو اتناگرا کہ خدا تعالیٰ کو چھوڑ کر اس کے بندہ کو سجدہ کرنے لگ گیا۔ یہ عقل اورسمجھ کا ہی فرق ہے جس سے ایک بڑا اورا یک چھوٹا ہو گیا۔ پس جو لوگ عقل سے کام لینے والے ہوتے ہیں وہ چھوٹی چھوٹی باتوں سے بھی بڑے بڑے فائدے حاصل کر لیتے ہیں اور جو عقل سے کام نہیں لیتے وہ بڑی بڑی باتوں سے بھی کچھ فائدہ نہیں اُٹھاتے۔جو لوگ خدا تعالیٰ کا قرب اور معرفت حاصل کرنے والے ہوتے ہیں وہ وہی ہوتے ہیں جو عقل سے کام لیتے ہیں۔ وہ ہر شے سے نصیحت حاصل کرتے اور ہر بات سے سبق لیتے ہیں،ا ن کے لئے ایک گری ہوئی دیوار ، ایک بیمار آدمی ، ایک ٹوٹا ہوا کھمبا واعظ ہوتا ہے ان کے لئے ایک مکھی اور چیونٹی نصیحت کے لئے کافی ہوتی ہے۔ لیکن جو ایسے نہیں ہوتے وہ ویران او ر تباہ ملکوں میں چلتے اور وبازدہ اور ہلاک شدہ علاقوں سے گزرتے ہیں مگر ان کی آنکھیں اندھی اور ان کے کان بہرے اورا ن کے دل مردہ ہوتے ہیں اِس لئے کچھ محسوس نہیں کرتے۔ عقلمند انسان ایک ایسے بیمار سے نصیحت حاصل کر لیتا ہے جس کی بیماری ابھی ابتدائی حالت میں ہوتی ہے اور اُس وقت سبق لے لیتا ہے جبکہ بیمار سے ابھی موت بہت دور ہوتی ہے مگر دوسرا انسان قبرستان میں کھڑا ہو کر بھی کچھ نہیں سمجھتا اور اس وقت بھی کچھ فائدہ نہیں اُٹھا سکتا جبکہ موت اُس کی آنکھ کے سامنے واقعہ ہو رہی ہو یہ فرق صرف عقل اور سمجھ ہی کی وجہ سے ہے۔ سب انسان ایک ہی قسم کے ہوتے ہیں مگر جب کچھ لوگ اس سے کام لیتے ہیں تو بہت بڑھ جاتے ہیں اور جو نہیں لیتے وہ بہت نیچے گر جاتے ہیں۔
حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام کے پاس ایک دفعہ امریکہ سے دو مرد اور ایک عورت آئی۔ ایک مرد نے حضرت مسیح موعودؑ سے آپ کے دعویٰ کے متعلق گفتگو کی۔ دورانِ گفتگو میں حضرت مسیحؑ ناصری کا ذکر آگیا اس شخص نے کہا وہ تو خد اتھے۔ حضرت مسیح موعودؑ نے فرمایا ان کے خدا ہونے کا تمہارے پاس کیا ثبوت ہے؟اس نے کہا کہ اُنہوں نے معجزے دکھائے ہیں۔ آپ نے فرمایا معجزے تو ہم بھی دکھلاتے ہیں۔ اس نے کہا مجھے کوئی معجزہ دکھلائو۔ آپ نے فرمایا تم خود میرا معجزہ ہو۔ یہ سن کر وہ حیران ساہو گیا اور کہنے لگا میں کس طرح معجزہ ہوں؟ آپ نے فرمایا قادیان ایک بہت چھوٹا سا اور غیر معروف گائوں تھا، معمولی سے معمولی کھانے کی چیزیں بھی یہاں سے نہیں مل سکتی تھیں حتی کہ ایک روپیہ کا آٹا بھی نہیں مل سکتا تھا اور اگر کسی کو ضرورت ہوتی تو گیہوں لے کر پسواتا تھا اُس وقت مجھے خدا تعالیٰ نے خبر دی تھی کہ میں تیرے نام کودنیا میں بلند کرو ںگا اور تمام دنیا میں تیری شہرت ہو جائے گی چاروں طرف سے لوگ تیرے پاس آئیں گے اور ان کی آسائش اور آرام کے سامان بھی یہیں آجائیں گے یَأْتُوْنَ مِنْ کُلِّ فَجٍّ عَمِیْقٍ ۲؎ ا ور ہر قسم اور ہر ملک کے لوگ تیرے پاس آئیں گے یَأْتِیْکَ مِنْ کُلِّ فَجٍّ عَمِیْقٍ ۳؎ اور اس قدر آئیں گے کہ جن راستوں سے آئیں گے وہ عمیق ہو جائیں گے۔ اب دیکھ لو کہ راستے کس قدر عمیق ہو گئے ہیں۔ بٹالہ سے قادیان تک جو سڑک آتی ہے اس پر پچھلے ہی سال گورنمنٹ نے دو ہزار روپیہ کی مٹی ڈلوائی ہے۔ تو حضرت مسیح موعود علیہ السلام نے اسے فرمایا کہ تم میرے پاس امریکہ سے آئے ہو تمہارا مجھ سے کیا تعلق تھا جب تک کہ میں نے دعویٰ نہ کیا تھا مجھے کون جانتا تھا مگر آج تم اتنی دور سے میرے پاس چل کر آئے ہو یہی میری صداقت کا نشان ہے۔
مجھے خوب یاد ہے کہ جس وقت یہ گفتگو ہو رہی تھی اور اس شخص نے کہا تھا کہ آپ مجھے اپنا کوئی معجزہ دکھائیں تو سب حیران تھے کہ حضرت مسیح موعودؑ اس کا کیا جواب دیں گے؟ سب نے یہی خیال کیا تھا کہ آپ کوئی ایسی تقریر کریں گے جس میں معجزات کے متعلق بتائیں گے کہ کس طرح ظاہر ہوتے ہیں لیکن جونہی اُس نے اپنی بات کو ختم کیا اور آپ کو انگریزی سے اُردو ترجمہ کر کے سنائی گئی تو آپ نے فوراً یہی جواب دیا۔ یہ ایک چھوٹی سی بات تھی لیکن ہر ایک انسان کی عقل اس تک نہیں پہنچ سکتی تھی۔ اب بھی ہر ایک وہ انسان جو عقل سے کام نہیں لے گا کہے گا کہ یہ کیا معجزہ ہے مگر جن کی آنکھیں کھلی ہوئی اور عقل وسمجھ رکھتے ہیں وہ سمجھتے ہیں کہ یہ بہت بڑا معجزہ ہے اور حق کے قبول کرنے والے کے لئے یہی کافی ہے۔
حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام نے لکھا ہے کہ میری صداقت میں لاکھوں نشانات دِکھلائے گئے ہیں لیکن میں تو کہتا ہوں کہ اتنے نشانات دکھلائے گئے ہیں جو گنے بھی نہیں جا سکتے مگر پھر بھی بہت سے نادان ایسے ہیں جو کہتے ہیں کہ اتنے تو مرزا صاحب کے الہام بھی نہیں پھر نشانات کس طرح اِس قدر ہو گئے۔لیکن ایک قصہ مشہور ہے کہتے ہیں کوئی شخص تھا اُس نے اپنے بھتیجوں سے کہا کہ کل میں تم کو ایک ایسا لڈو کھلائوں گا جو کئی لاکھ آدمیوں نے بنایا ہو گا۔ دوسرے دن جب وہ کھانا کھانے بیٹھے تو اُنہوں نے لڈو کے کھانے کی اُمید پر کچھ نہ کھایا اور چچا کو کہا کہ وہ لڈو دیجئے۔ اُس نے ایک معمولی لڈو نکال کر ان کے سامنے رکھ دیا اور کہا کہ یہ ہے وہ لڈو جس کا میں نے تم سے وعدہ کیا تھا۔ اُس کو دیکھ کر وہ سخت حیران ہوئے کہ یہ کس طرح کئی لاکھ آدمیوں کا بنایا ہوا ہے۔ چچا نے کہا کہ تم کاغذ اور قلم لے کر لکھنا شروع کرو میں تمہیں بتاتا ہوں کہ واقعہ میں اِس لڈو کو کئی لاکھ آدمیوں نے بنایا ہے۔ دیکھو ایک حلوائی نے اسے بنایا۔ اس کے بنانے میں جو چیزیں استعمال ہوئی ہیں ان کو حلوائی نے کئی آدمیوں سے خریدا۔پھران میں سے ہر ایک چیز کو ہزاروں آدمیوں نے بنایا۔ مثلاً شکرکو ہی لے لو اس کی تیاری پر کتنے آدمیوں کی محنت خرچ ہوئی ہے، کوئی اس کوملنے والے ہیں، کوئی رس نکالنے والے، کوئی نیشکر کھیت سے لانے والے، کوئی ہل جوتنے والے، پانی دینے والے، پھر ہل میں جو لوہا اور لکڑی خرچ ہوئی اس کے بنانے والے اس طرح سب کا حساب لگائو تو کس قدر آدمی بنتے ہیں۔ پھر شکر کے سوا اس میں آٹا ہے اس کے تیار کرنے والوں کا اندازہ لگائو کیا اس طرح کئی لاکھ آدمی نہیں بنتے؟ بھتیجوں نے یہ سن کر کہا کہ ہاں ٹھیک ہے۔ یہ بات ان بچوں کی سمجھ میں نہ آئی تھی لیکن وہ شخص چونکہ عقلمند تھا اس لئے وہ دیکھ رہا تھا کہ ایک لڈو کے تیار ہونے میں لاکھوں آدمیوں کی محنت خرچ ہوتی ہے۔ یہ تو اُس نے دنیاوی رنگ میں نصیحت کی تھی مگر جو روحانی بزرگ گزرے ہیںاُنہوں نے بھی ایسا کہاہے۔
مرزا مظہر جان جاناں کی نسبت لکھا ہے کہ اُنہوں نے بٹالہ کے ایک شخص غلام نبی کو دو لڈو دئیے اس نے منہ میں ڈال لئے اور کھا گیا ۔تھوڑی دیر کے بعد اس سے اُنہوں نے پوچھا تم نے ان لڈوئوں کو کیا کیا؟ اس نے کہا کھا لئے ہیں۔ یہ سن کر اُنہوں نے نہایت تعجب انگیز لہجہ میں پوچھا کہ ہیں!! کھا لئے ہیں؟اس نے کہا ہاں کھا لئے ہیں اسی طرح وہ بار بار اس سے پوچھتے رہے اور تعجب کرتے رہے کہ اتنی جلدی تم نے کھا لئے۔ اس کوخیال ہوا کہ انہیں دیکھنا چاہئے کہ یہ کس طرح کھاتے ہیں۔ ایک دن کوئی شخص ان کے پاس کچھ لڈو لایا ان میں سے آپ نے ایک لڈو اُٹھا کر رومال پر رکھ لیا اور اس میں سے ایک ریزہ توڑ کر آپ نے تقریر شروع کر دی کہ میں ایک ناچیز ہستی ہوں میرے لئے خدا تعالیٰ نے یہ اتنی بڑی نعمت بھیجی ہے اس میں کیا کیا چیزیں پڑی ہیں پھر ان کو کتنے آدمیوں نے بنایا ہو گا۔ کیا مجھ ناچیز کے لئے خدا تعالیٰ نے یہ نعمت بھیجی ہے۔ اس طرح تقریر کرتے رہے اور اِدھر اپنی عاجزی اور فروتنی بیان کرتے اور اُدھر خدا تعالیٰ کی حمد اور تعریف کرتے۔ اِسی طرح ظہر سے کرتے کرتے ابھی پہلا ہی دانہ جو منہ میں ڈالا تھا وہی کھایا تھاکہ عصر کی اذان ہو گئی اور اسے چھوڑ کر وضو کرنے کے لئے اُٹھ کھڑے ہوئے۔ یہ کیا بات تھی؟یہی کہ اُس لڈو میں انہیں خدا تعالیٰ کے ہزاروں نشان نظر آتے تھے۔ یوں کھانے والا تو چار پانچ ، دس بیس لڈو بھی جھٹ پٹ کھا جاتا ہے مگر مظہر جانِ جاناں کے لئے ایک ہی لڈو اتنا بوجھل ہو گیا کہ اس کے کھانے سے ان کی کمر ٹوٹی جاتی تھی۔ تو عقل ہی ایک چھوٹی سی چیز کو بڑا بنا دیتی ہے اور نادانی نظر آنے والی بڑی چیز کو چھوٹا ظاہر کر دیتی ہے۔ اسی طرح عقل ایک بڑی نظر آنے والی چیز کو چھوٹا دکھا دیتی ہے اور نادانی ایک معمولی چیز کو بڑا دکھاتی ہے۔ تو دانا انسان چھوٹی چھوٹی باتوں میں بھی خدا تعالیٰ کے بڑے بڑے نشان دیکھ لیتا ہے اور نادان بڑی بڑی اہم باتوں میں بھی کچھ نہیں دیکھتا۔
حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام نے فرمایا ہے کہ میری صداقت کے خد ا تعالیٰ نے لاکھوں نشانات دِکھلائے ہیں یہ بالکل درست ہے اور میں تو کہتا ہوں کہ آپ کی صداقت کے خداتعالیٰ نے اِس قدر نشانات دِکھلائے ہیں کہ جن کا شمار بھی نہیں ہو سکتا مگر کن کے لئے؟ انہیں کے لئے جو عقل رکھتے ہیں۔ا گر کوئی شخص آپ کی صداقت کے نشانات دیکھنے کے لئے یہاں آئے تو یہ جس قدر بھی عمارتیں سامنے نظر آرہی ہیں (مسجد اقصیٰ میں کھڑے ہو کر) ان میں سے چند ایک کو چھوڑ کر باقی سب آپ کے نشان ہیں۔ پھر احمدیہ بازار سے آگے کے جس قدر مکانات بنے ہیں ان کے لئے جو زمین تیار کی گئی تھی اس میں ڈالاہوا مٹی کا ایک ایک بورا نشان ہے۔ یہاں اتنا بڑا گڑھا تھا کہ ہاتھی غرق ہو سکتا تھا۔ پھر قادیان سے باہر شمال کی طرف نکل جائیں وہاں جو اُونچی اور بلند عمارتیں نظر آئیں گی اُن کی ہر ایک اینٹ اور چونے کا ایک ایک ذرّہ حضرت مسیح موعود کی صداقت کا نشان ہے۔ پھر قادیان میں چلتے پھرتے جس قدر انسان نظر آتے ہیں خواہ وہ ہندو ہیں یا سکھ یا غیر احمدی ہیں یا احمدی سب کے سب آپ ہی کی صداقت کے نشان ہیں۔ احمدی تو اس لئے کہ وہ حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام کی صداقت کو دیکھ کر اپنے گھر بار چھوڑ کر یہاں کے ہو رہے ہیںاور غیر احمدی اور دوسرے مذاہب والے اس لئے کہ ان کی طرزِ رہائش ،لباس وغیرہ حضرت مسیح موعودؑ کے دعویٰ سے پہلے وہ نہ تھے جو اَب ہیں۔ ان کی پگڑی، ان کا کرتہ، ان کا پاجامہ، ان کی عمارتیں، ان کا مال، ان کی دولت وہ نہ تھی جو اب ہے۔ حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰہ والسلام کے دعویٰ کرنے پر لوگ آپ کے پاس آئے اوران لوگوں نے بھی فائدہ اُٹھا لیا اور لَایَشْقٰی جَلِیْسُھُمْ ۴؎ کی وجہ سے ان کو بھی نعمت مل گئی تو یہ سب آپ کی صداقت کے نشانات ہیں۔ دور جانے کی ضرورت نہیں اِسی مسجد کی یہ عمارت، یہ لکڑی، یہ کھمبا سب نشان ہیں کیونکہ یہ پہلے نہیں تھے۔ جب حضرت مسیح موعودؑ نے دعویٰ کیا تو پھر بنے۔ پس لاکھوں نشانات تو یہاں ہی مل سکتے ہیں۔ پھر سالانہ جلسہ پر جس قدر لوگ آتے ہیں ان میں سے ہر ایک آنے والا ایک نشان ہوتا ہے جو خدا تعالیٰ ہر سال ظاہر کرتا ہے اور جب تک اللہ تعالیٰ چاہے گا کرتا رہے گا۔
تو حضرت مسیح موعود نے اپنے نشانات کا یہ بہت کم اندازہ لگایا ہے کہ وہ لاکھوں ہیں میں تو کہتا ہوں کہ وہ اس قدر ہیں کہ کوئی انسانی طاقت ان کو گن ہی نہیں سکتی صرف اللہ تعالیٰ ہی کے اندازہ میں آسکتے ہیں۔ لیکن جہاں یہ نشانات ہمارے لئے تقویت ایمان کا موجب ہوتے ہیں وہاں اِس آیت کے ماتحت یہ بھی بتاتے ہیں کہ اوّل ہر ایک آنے والا انسان آنکھیں کھول کر دیکھے کہ یہاں کس قدر نشانات ہیں اور پھر وہ خود بھی ایک نشان ہے۔
دوسرا یہ کہ تعظیم شعائر اللہ تقویٰ القلوب میں داخل ہے یعنی متقی ہونے کے لئے اللہ تعالیٰ کے نشانات کی عزت وتوقیر کرنا ضروری ہے کیونکہ یہ خدا تعالیٰ کی ہستی پر دلالت کرتے ہیں۔ پس میں جماعت کے اُس حصہ کو جو ہجرت کر کے یہاں آگیا ہے نصیحت کرتا ہوں کہ یہ سالانہ جلسہ کے دن جو ان کے لئے تازہ تازہ اور نئے نئے نشانات دیکھنے کاموجب ہوتے ہیں ان میں جہاں وہ اپنے ایمانوں کو تازہ کرتے اور خدا تعالیٰ کی حمد اور تقدیس کرتے ہیںکہ ان کی آنکھوں کے سامنے اللہ تعالیٰ کی پیشگوئیاں بڑے زور سے پوری ہورہی ہیں وہاں ان کے لئے یہ بھی ضروری ہے کہ آنے والے مہمانوں کی تعظیم اور تکریم کریں اور ان کے آرام اور آسائش کی کوشش کریں۔ اس کے علاوہ یوں بھی رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا ہے کہ مہمان کی تکریم کرنا ایمان میں داخل ہے۔ حضرت خدیجہؓ نے آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی تعریف میں جو پانچ باتیں بیان کی ہیں ان میں سے ایک یہ بھی ہے کہ آپ مہمان کی خاطر داری کرتے ہیں ۵؎ اس لئے خدا تعالیٰ آپ کو ضائع نہیں کرے گا۔ تومہمان کی مہمان داری کرنا یوں بھی داخل ایمان ہے مگر سالانہ جلسہ پر آنے والے لوگ صرف مہمان ہی نہیں بلکہ شعائر اللہ ہیں، اللہ تعالیٰ کی ہستی کا ثبوت ہیں، حضرت مسیح موعودؑ کی صداقت کا نشا ن ہیں اس لئے ان کی خاص طور پر تعظیم کرنی چاہئے۔ ہمارے دوست جو قادیان میں رہنے والے ہیں ان کو چاہئے کہ خاص طور پر ان کی تواضع اور تکریم کرنے کی کوشش کریں اور آنے والے دوست قادیان کی گلیوںمیں پھر کر کثیر التعداد مجمع کو دیکھ کر صرف یہ نہ کہیں کہ جلسہ بہت کامیاب ہوا ہے بلکہ فائدہ اُٹھائیں کیونکہ اگر اُنہوں نے اس موقع سے کوئی فائدہ نہ اُٹھایا توا ان کے لئے کہاں جلسہ کامیاب ہوا۔ اللہ تعالیٰ تو فرماتا ہے کہ شعائر اللہ کی تعظیم کرنا تقویٰ میں داخل ہے لیکن جو شعائر اللہ کی تعظیم نہیںکرتا وہ کہاں کامیاب ہوا اُس کے لئے تو رونے کا مقام ہے کیونکہ اس کو ایک موقع ملا تھا جسے اُس نے کھو دیا۔ یہاں کے سب لوگوں کو چاہئے کہ آنے والے مہمانوں کی خدمت کریں۔ اپنے مہمانوں کی خدمت کرنا کوئی ذلت نہیں ہوتی بلکہ مہمان کو کسی قسم کی تکلیف پہنچنا میزبانوں کے لئے ذلت ہوتی ہے اس لئے جو شخص یہ خیال رکھتا ہے کہ مہمانوں کی خدمت کرنا میری عزت کے خلاف ہے وہ نادان ہے اور وہ نہیں سمجھتا کہ خدمت کرنا عزت کو بڑھاتا ہے نہ کہ گھٹاتا ہے۔
پس میں قادیان کے لوگوں کو اس طرف خاص توجہ دلاتا ہوں کہ وہ خاص طور پر مہمانداری میں حصہ لیں اور اپنا حرج کر کے بھی حصہ لیں۔ میں یہاں کے دکانداروں کو دکا نداری سے روکنا پسند نہیں کرتا خدا تعالیٰ نے حج کے موقع پر بھی تجارت کو جائز رکھاہے قادیان کے دکانداروں کے لئے بھی یہ تجارت کرنے کا موقع ہے مگر جہاں خدا تعالیٰ ایسے موقع پر تجارت کرنے سے منع نہیں کرتا وہاں یہ بھی اجازت نہیں دیتا کہ بالکل اِسی میں لگ جائیں۔ پس دکاندار خوب کمائیں اور خوب تجارت کریں مگر کچھ وقت مہمانداری میں بھی صرف کریں۔ مثلاً کھانا کھانے کے وقت دکانوں کو بند کر دیں اور اُس وقت مہمانوں کی خدمت کریں۔ اُس وقت قریباً تمام مہمان کھانا کھا رہے ہوتے ہیں اور سودا کم خریدتے ہیں اور جو لوگ فارغ ہوں وہ سارے اوقات خدمت گزاری میں لگائیں اور ثواب کمائیں۔ مومن کی تو یہ شان ہونی چاہئے کہ ثواب کمانے کا کوئی موقع نہ جانے دیں۔ صحابہ کرامؓ کتنی کوشش کرتے تھے حدیث میں آیا ہے کہ غریب صحابہؓ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس آئے اور عرض کی کہ یَا رَسُوْلَ اللّٰہ! امیر زکوٰۃ دے دے کر ہم سے ثواب میں بڑھ رہے ہیں ہم کیا کریں کہ ان کے برابر ثواب حاصل کریں؟ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے ان کو بتایا کہ خدا کی تسبیح اور تحمید نماز کے بعد کیا کرو۔ کچھ عرصہ اس طرح کرنے کے بعد وہ پھر آپ کی خدمت میں حاضر ہوئے اور عرض کی کہ یَا رَسُوْلَ اللّٰہ! امراء نے بھی اس طرح کرنا شروع کر دیا ہے اور زکوٰۃ بھی دیتے ہیں اب ہم کیا کریں؟ آپ نے فرمایا کہ جب خدا تعالیٰ اُن کو نعمت دیتا ہے اور وہ اُس کی راہ میں دے کر ثواب حاصل کرتے ہیں تو میں کیا کروں یہ ان کی ہمت اور اخلاص ہے۔ ۶؎
پس آپ لوگ بھی پورے طور پر کوشش کر کے زیادہ سے زیادہ ثواب حاصل کریں۔ اگر کسی کے ذمہ کوئی فرض لگایا جائے اور وہ اُس کوپورا کر دے لیکن اس کے کرنے کا کوئی اَور کام ہو تو اسے چاہئے کہ وہ بھی کرے اور بڑی خوشی کے ساتھ کرے اور اگر کوئی اس پر سختی کرے تو اسے بھی برداشت کر ے اور کام کے کرنے میں ہرگز کوتاہی نہ کرے۔
اِسی طرح وہ ولوگ جو باہر سے آئے ہیں وہ یاد رکھیں اور جو ابھی نہیں آئے انہیں پہنچا دیں کہ قادیان کی ہر ایک چیز شعائر اللہ ہے اس لئے ان سے ان کو بھی فائدہ اُٹھانا چاہئے اور اپنے اوقات کو اِدھر اُدھر پھر کر رائیگاں نہیں کھونا چاہئے ۔اگر کوئی شخص یہاں آکر کوئی فائدہ نہیں اُٹھاتا تو سمجھ لے کہ وہ اپنے اوقات کو ضائع کرتا ہے۔ پس آنے والاہر ایک شخص اپنے اوقات کو فائدہ اُٹھانے میں لگائے۔ نمازیں باجماعت پڑھے اور عبادت کرے۔ خدا تعالیٰ یہاں کے میزبانوں اور مہمانوں کو اس موقع سے فائدہ اُٹھانے کی توفیق دے تاکہ وہ تقویٰ کو حاصل کریں اور زیادہ بڑھائیں۔‘‘ (الفضل ۲۰؍ جنوری ۱۹۱۷ئ)
۱؎ الحج:۳۳
۲،۳؎ تذکرۃ صفحہ ۵۲۔ ایڈیشن چہارم
۴؎ بخاری کتاب الدعوات باب فضل ذکر اللّٰہ عزوجل
۵ بخاری کتاب الایمان باب بدء الوحی الی رسول اللّٰہ صلی اللّٰہ علیہ وسلم
۶ ؎ بخاری کتاب الصلوٰۃ باب الذکر بعد الصلوٰۃ
۴۲
خدا کے فضلوں کو دیکھ کر زیادہ شکر گزار بنو
(فرمودہ ۵؍ جنوری ۱۹۱۷ئ)
تشہد ، تعوذ اور سورہ فاتحہ کی تلاوت کے بعد فرمایا:۔
’’اللہ تعالیٰ کے احسانات کو جو اُس کے اپنے بندوں پر ہیں کون ہے جو گن سکے۔ وہ احسانات اپنے اندر عجیب نوعیت رکھتے ہیں۔ اگر ہماری جماعت کے لوگ ان احسانات کو گنیں جو ان پر ہیں تو کوئی شخص ان کا اندازہ نہیں کر سکتااور نہ کوئی جماعت ان انعامات کا مقابلہ کر سکتی ہے جو خدا تعالیٰ کی طرف سے ہمای جماعت پر ہو رہے ہیں۔ا گرچہ سب ہی لوگوں پر فرض ہے کہ خدا کے احسانات پر کہیں مگر ہماری جماعت پر تو خاص طور پر فرض ہے کہ وہ کہے۔ اگر ہم سوچیں کہ اللہ تعالیٰ کس کس رنگ میں ہماری نصرت فرماتا ہے اور کس کس طرح ہمارے دشمنوں کو ذلیل کرتا ہے تو بے اختیار کہنے کو جی چاہتاہے۔
اللہ تو مالک اور بادشاہ ہے۔ مخلوق میں سے بھی اگر کوئی شخص احسان کرے تو ہم کس طرح اُس کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ اپنی حیثیت سے بڑھ کر اُس کی خدمت کرنا چاہئے تاکہ اس کے احسان کا بدلہ ہو مگر اللہ تعالیٰ کے احسانات کا شکریہ ادا کرنا انسان کے شکریہ کے ادا کرنے کے مقابلہ میں بہت ہی چھوٹا ہے اور وہ یہ کہ انسان زبان سے خدا تعالیٰ کے احسانات کا اقرار کرے یعنی صرف زبانی اقرار ہی شکریہ ہے۔
یہ بھی خدا تعالیٰ کا اپنے بندوں پر بہت بڑا فضل اور احسان ہے کہ اس کے احسانات تو ا س قدر ہیں کہ کوئی گن بھی نہیں سکتا مگر ان کا شکریہ نہایت آسان ہے۔ لیکن افسوس کہ بہت سے انسان ہیں جو زبان اور دل سے بھی خدا کی نعمتوں کاشکریہ ادا نہیں کرتے۔
یوں تو ہر سال ہی ہماری جماعت کو مشکلات پیش آتی ہیں مگر چند سال سے وہ لوگ جوہماری جماعت سے الگ ہو گئے ہیں، خواہ وہ احمدی کہلائیں مگر ہماری جماعت میں نہیں ہیں، ان کی طرف سے ہمارے خلاف بہت زیادہ کوشش ہور ہی ہے اور وہ ہمیں ہر طرح نقصان پہنچانے میں لگے رہتے ہیں مگر نتیجہ کا وقت سالانہ جلسہ ہوتا ہے۔ اس پر معلوم ہو سکتا ہے کہ ان کی کوششیں ہمارے خلاف کس قدر کامیاب ہوئی ہیں اور انہوں نے ہماری جماعت کو کیا نقصان پہنچایا ہے۔ ۱۹۱۴ء کے سالانہ جلسہ پر جو اِن لوگوں کے الگ ہونے کے بعد پہلا جلسہ تھا خداتعالیٰ نے اپنے فضل و کرم سے بتا دیا تھا کہ اس جلسہ پر پہلے سالوںکی نسبت زیادہ لوگ آئے اور زیادہ کامیاب جلسہ ہوا۔
اس کے بعد خواجہ صاحب ۱؎ نے ولایت سے آکر تمام ہندوستان کا دَورہ کیا اور ہمارے خلاف لوگوں کے دلوں میں شکوک پیدا کرنے اور بُرے خیالات پھیلانے میں جس قدر زور لگا سکتے تھے لگایا مگر خدا تعالیٰ کے فضل سے ۱۹۱۵ء کا جلسہ پہلے کی نسبت بھی زیادہ کامیاب ہوا۔ اس سال اُنہوں نے مولوی محمد احسن کو بت بنایا اور کوشش کی کہ جماعت کو توڑ دیں۔ مگر ۱۹۱۶ء کا جلسہ خدا کے فضل سے تمام جلسوں کی نسبت بہت زیادہ کامیاب ہوااور ہر طرح کامیاب رہا ہے اِس میں بہت زیادہ لوگ آئے اور ان کے جوش اور اخلاص پہلے کی نسبت بڑھے ہوئے تھے۔ ہم میں سے کون انسان ہے جس نے لوگوں کے دلوں پر قبضہ کیا ہو؟ مجھ کو تو خدا نے یہ خلافت کا کام سپردکیا ہے لیکن مجھے تو یہ دعویٰ نہیں،پھر اَور کون ہے جو دعویٰ کرے کہ وہ لوگوں کے دلوں پر قبضہ رکھتا ہے۔ دلوں کو قابو میں رکھنا اور ایک طرف جھکا دینا صرف خدا تعالیٰ ہی کے قبضہ میں ہے اور کسی کو اس میں دخل نہیں۔ خدا تعالیٰ ہی ہے جو دلوں کو کھینچ کر لے آتا اور ہم میں شامل کر تا ہے اور وہی ہے جوہر روز ہمیں ترقی دیتا ہے۔ ہمیں ہر ایک قوم سے مقابلہ ہے گویا کہ ہم بتیس دانتوں میں ہیں۔ ایک طرف مسلمان ہم پر دانت پیس رہے ہیںد وسری طرف سکھ اور عیسائی اور ہندئووں کا ہم سے مقابلہ ہے۔ غرض ہر ایک قوم ہم سے مقابلہ کر رہی ہے مگر چونکہ خد تعالیٰ کی تائید اور نصرت ہمارے شامل حال ہے اس لئے ہم کسی سے دب کر نہیں رہتے۔ اِس نصرت خداوندی پر جس قدر بھی شکریہ اد اکیا جاوے کم ہے۔
شکریہ کے معنی یہ نہیں ہیں کہ اب ہم بیٹھ جائیں اور عمل میں کوشش نہ کریں بلکہ ہم میں سے ہر ایک کوچاہئے کہ عمل میں ترقی کرے۔ صحابہؓ نے رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے عرض کیا کہ حضور ہم تو عمل میں کوشش اس لئے کرتے ہیں کہ ہمارے گناہ معاف ہوں لیکن آپ کے تو خدا نے سب اگلے پچھلے گناہ معاف کر دئیے ہیں آپ کیوں اِس قدر کوشش کرتے ہیں؟ یہ سن کر آپ کا چہرہ سرخ ہو گیا اور فرمایا۔ کیا میں تم سے زیادہ اتقی نہیں ہوں؟ پھر فرمایا کہ کیا میں عبدشکور نہ بنوں۔۲؎ میرے لئے عبادت شکر کے طور پر ہے کیونکہ جس پر زیادہ فضل ہو وہ زیادہ مستحق ہے کہ دوسروں سے بہت زیادہ عبادت اور شکرگزاری کرے۔ ۳؎ تو خدا تعالیٰ کے فضلوں کانتیجہ سستی نہیں ہونا چاہئے بلکہ عبادت اور شکرگزاری میں اور بڑھنا چاہئے۔
یہاں رہنے والے دوست خوب سن لیں اور باہر کے دوستوں کو اخبار کے ذریعہ یہ بات پہنچ جائے گی کہ ہماری جماعت کے لوگ شکر گزاری میں اور بڑھیں اور ان کی کوششوں میں اَور زیادہ ترقی ہو۔ یہ نہ ہو کہ جلسہ کے دنوں میںجو جوش و اخلاص آپ لوگوں نے دکھا یا ہے اور جو معرفت اِن دنوں حاصل ہوئی ہے اس کو َاور زیادہ نہ بڑھائو اور اس میں ترقی نہ کرو۔ یہ سب خدا کے فضل کے نظارے ہیں جو آپ لوگوں نے دیکھے ہیں۔ بس آپ لوگوں کو چاہئے کہ خدا کی حمدو ثنا میں اور بڑھیں اور اپنی کوشش اور سعی کو اور زیادہ وسیع کریں۔
دیکھو آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم سے زیادہ کس پر خدا کے فضل ہوں گے۔لیکن جس قدر آپ پر خدا کے فضل اور احسان ہیں اُسی قدر آپ عبادت اور شکر گزاری میں سب سے بڑھ کر تھے۔ نادان ہے وہ شخص جس نے کہا
کرم ہائے تو مارا کرد گستاخ
کیونکہ خدا کے فضل انسان کو گستاخ نہیں بنایا کرتے اور سرکش نہیں کردیا کرتے بلکہ اَور زیادہ شکرگزار اور فرمانبردار بناتے ہیں۔ پس تم لوگ پہلے کی نسبت زیادہ شکر گزار بن جائو۔ کیونکہ خداتعالیٰ فرماتا ہے۔ لَئِنْ شَکَرْتُمْ لَاَ زِیْدَ نَّکُمْ ۴؎ کہ جو کچھ تمہیں دیا گیا ہے اگر تم اس پر شکر ادا کرو گے تو میں اور زیادہ دوں گا۔
اللہ تعالیٰ ہماری جماعت کو شکر گزار بنائے اور پہلے کی نسبت زیادہ فیضانِ الٰہی حاصل کرنے کے قابل ٹھہرائے۔ اٰمین یا ربّ العلمین۔
(الفضل ۲۳؍ جنوری ۱۹۱۷ئ)
۱؎ خواجہ کمال الدین صاحب
۲؎ بخاری کتاب الایمان باب قول النبی صلی اللّٰہ علیہ وسلم أنا اَعْلَمُکُمْ باللّٰہ
۳؎ بخاری کتاب الرقاق باب الصبر عن المحارم
۴؎ ابراہیم:۸
۴۳
ایک مبارک تجویز
(فرمودہ ۱۲؍ جنوری ۱۹۱۷ئ)
تشہد، تعوذ اور سورۃ فاتحہ کے بعد حضور نے مندرجہ ذیل آیات کی تلاوت کی:۔
۱؎
اور فرمایا :۔
’’اتفاق و اتحاد کئی ایک رنگ کا ہوتا ہے۔ ایک اتفاق یہ ہوتا ہے کہ آپس میں لڑیں نہیں، دنگا فساد نہ کریں، مل جل کر رہیں، اس کے بغیر ترقی نہیںہو سکتی کیونکہ لڑنے جھگڑنے والے تباہ وبرباد ہو جاتے ہیں۔
یہ آیتیں جو میں نے اِس وقت پڑھی ہیں ان کا ایک مطلب تویہ ہے کہ آپس میں لڑو جھگڑو نہیں، اتفاق و اتحاد سے رہو۔ اور دوسرا مطلب میرے نزدیک ان آیتوں کا وہ ہے جس پر کسی قوم کو ترقی کرنے کے لئے عمل کرنا ضروری ہے۔ اگر آپس میں لڑنے والی قوم کی طاقت برباد ہو جاتی اور اتفاق سے کام کرنے سے قوم کا شیرازہ مضبوط ہوتا اور قوم ترقی کی طرف قدم اُٹھاتی ہے تو جن لوگوں کی تعداد دشمن کے مقابلہ میں کم ہوتی ہے اور وہ آپس میں مل کر کام کرتے ہیںان کے لئے یہ بہت مفید اور فائدہ مند ہوتا ہے۔ پس جس طرح یہ ضروری ہے کہ آپس میں لڑیںنہیں اِسی طرح اس بات کی بھی ضرورت ہے کہ سب افراد مل کر متحدہ طو ر پر مجموعی کوشش سے دشمن کے مقابلہ میں کام کریں۔سب قومی کا موں میں ایک دوسرے کا ہاتھ بٹائیں اور قوم میں ایک بھی اِس قسم کا فرد نہ ہو جو قومی کام سے ہٹا ہوا ہو یا جو کچھ نہ کچھ حصہ نہ لیتا ہو بلکہ مجموعی رنگ میں سب کے سب لگے ہوئے ہوں۔ یہ بھی ایک اتفاق ہے اور اس کے بغیر کبھی ترقی نہیں ہو سکتی۔ لیکن جب کوئی قوم اس طرح کام کرنے والی ہو تو پھر اس کے مقابلہ پر کوئی قوم نہیں ٹھہرسکتی۔
پس صرف اِس قدر اتفاق کافی نہیں کہ آپس میں لڑو نہیں، جھگڑو نہیں بلکہ ترقی کے لئے ایک ہو جانا اور ان سب کاموں کو جو قوم سے تعلق رکھتے ہوں سب افرادِ قوم کا مل کر سرا نجام دینا بھی ضروری ہے۔دوسروں سے امتیاز حاصل کرنے کے لئے اس طرح کرنا از حد ضروری اور لازمی ہے ورنہ اس کے بغیر کبھی ترقی نہیں ہو سکے گی۔
میں دیکھتا ہوں کہ ہماری جماعت میں اِس بات کی ابھی کمی ہے۔ اگرچہ فرداً فرداً بہت لوگ کوشش کرنے والے ہیں مگر سب نے مل کر اِس کام کے کرنے کی کوشش نہیں کی جو ان کا متفقہ کام قرار دیا گیا ہے۔ یوں تو جماعت کے جلسے ہوتے ہیں، سالانہ جلسہ پر ایک اجتماعِ عظیم ہوتا ہے پہلے سے زیادہ لوگ شامل ہوتے ہیں، آپس میں محبت بھی ہے، اتفاق بھی ہے مگر اللہ تعالیٰ تو فرماتا ہے کہ دین کی خدمت کا کوئی کام سپرد ہو تو اس کے کرنے میں کسی کو عذر نہ ہو اور دینی خدمت سے نہ کوئی بچہ باہر رہے، نہ عورت نہ جوان مرد اور نہ بوڑھا ۔ جمیع کا لفظ جو اس آیت شریعہ میں آیا ہے وہ بتاتا ہے کہ دینی خدمت سے قوم کا کوئی فرد باہر نہیں رہنا چاہئے۔
اصل بات یہ ہے کہ خواہ کتنا ہی اتفاق و اتحاد ہو اگر سب ایک کام کو انجام دینے میں مصروف نہ ہوں تو جماعت کی ترقی رُک جاتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ جب ایک قوم بگڑتی ہے تو خدا کی طرف سے ایک مأمور آتا ہے اور سب کو ایک مقصد اور مدعا پر جمع کر دیتا ہے۔ا گرچہ اس کے وقت پہلی ہی شریعت ہوتی ہے اور پہلی ہی نماز روزہ۔ تاہم وہ اپنی جماعت کو دوسرے لوگوں سے الگ کر لیتا ہے ۔اس کی کیا وجہ ہے کہ الگ جماعت بنائی جاتی ہے؟ کیوں دوسروں کے ساتھ ہی مل کر کام نہیں کیا جاتا؟ بظاہر تو یہ اچھا معلوم ہوتا ہے کہ ان لوگوں سے مل کر کام کیا جائے مگر درحقیقت ان لوگوں سے مل کر کام کرنا اس جماعت کو بھی ضائع کرنا ہے کیونکہ جب ان سست لوگوں سے مل کر کام کیا جائے جن کی سستی کے سبب خدا تعالیٰ نے ایک نئی جماعت قائم کی ہے تو ضرور ہے ان کی سستیوں کا بھی اثر پڑے۔ پس خواہ وہ لوگ جنہوں نے نبی کو قبول نہیں کیا ہوتا تعداد میں کتنے ہی زیادہ ہوں مگر پھر بھی اس نبی کی بنائی ہوئی جماعت کے برابر ہر گز دینی کام نہیں کر سکتے کیونکہ ان میں بہت سست ہوتے ہیں۔ لیکن نبی کی جماعت میں کام کرنے والے بہت چست ہوتے اور سست کم۔ مثلاً ایک گاڑی کے چار پہیے ہوں اور دوسری کے دو۔ تو جس گاڑی کے چار پہیہ ہوںا س کے اگر دو ٹوٹ جائیں تو وہ چل نہیں سکتی لیکن وہ جس کے دو پہیہ ہوں اور دونوں درست وہ اپنے دونوں پہیوں سے خوب چل سکے گی۔ اگر کوئی کہے کہ کیا ہوا اِس چو پہیہ گاڑی کے دو پہیہ نہیں رہے تو نہ سہی ابھی دو تو باقی ہیںپھر کیوں نہیں چلتی؟ اس کا جواب یہ ہے کہ اس چو پہیہ گاڑی میں تو ایک نقص آگیا اور اس دو پہیہ والی میں کوئی نقص نہیں۔ یہی مثال نبی کے مقابلہ والے اور نبی کی جماعت کے لوگوں کی ہوتی ہے۔
غرض باوجود اِس بات کے کہ نبی کی جماعت کے لوگ اس دو پہیہ گاڑی کی طرح تعداد میں کم ہوتے ہیں مگر چونکہ کام سب کے سب کرتے ہیں اس لئے بہت کچھ کر لیتے ہیں۔ لیکن ان کے خلاف دوسروں کے اگرچہ افراد زیادہ ہوتے ہیں مگر کام کرنے والے بہت تھوڑے ہوتے ہیں اس لئے وہ کچھ نہیں کر سکتے کیونکہ سست لوگ کام کرنے والوں کو بھی کام نہیں کرنے دیتے۔
اِس کی مثال یہ ہے کہ بعض انسانوں کے بعض اعضاء سُوکھ جایا کرتے ہیں۔ اگر ان کے خشک اعضاء کو جسم کے ساتھ ہی رہنے دیا جائے تو وہ کام میں سخت حارج ہوتے اور درست اعضاء کو بھی اچھی طرح کام نہیں کرنے دیتے لیکن اگر ان کو کاٹ دیا جائے تو کام اچھی طرح ہو سکتا ہے۔ سُوکھے ہوئے اعضاء انسان کے جسم پر ایک بوجھ کی طرح ہوتے ہیں جن کی موجودگی میں کام نہیں ہو سکتا کیونکہ وہ کام میں ممدد معاون ہونے کی بجائے روک کا موجب ہوتے ہیں۔ اسی طرح سست اور کاہل انسان دوسروں کے لئے بھی وبالِ جان ہوتے ہیں۔یہی وجہ ہوتی ہے کہ وہ نبی اگرچہ شریعت نہیں لاتے تاہم ان کے منکر کافر ہوتے ہیں۔ا گر ایک چار پہیہ کی گاڑی بنائی جائے اور اس کا ایک پہیہ ٹوٹ جائے تو وہ تین پہیوں کے ہوتے ہوئے چل نہیں سکتی لیکن یکہ دو پہیوں سے ہی چل سکتا ہے۔ کیوں؟ پہلی میں نقص ہے اور دوسرے میں نہیں۔ پہلی کے کچھ حصے کام نہیں کرتے مگر دوسری کے سب کرتے ہیں۔ اسی طرح جماعتوں کا حال ہوتا ہے۔
غرض ترقی حاصل کرنے کے لئے سب افراد کا کام کرنا ضروری ہوتا ہے۔ جب ایک سست ہو تو اس کا سب پر اثر پڑتا ہے اور جب تک اُس کی بگڑتی ہوئی حالت درست نہ ہو جائے اُس وقت تک اپنی قوم کے لئے بجائے مفید ہونے کے نقصان رساں ہوتا ہے۔
پھر ایک اَور اتفاق ہے فرمایا:۔ اللہ کی رسّی کو سب مضبوط پکڑو۔ اگر کچھ چھوڑ دیں گے تو وہ باقیوں کے لئے رُکاوٹ کا موجب ہوں گے۔
گورنمنٹ برطانیہ کے مقابلہ میں جو طاقت لڑ رہی ہے اس کا سامان اگرچہ ہماری حکومت کے سامنے کم ہے مگرا ِس کی کیا وجہ ہے کہ آج تک اِس جنگ پر تیسرا سال گزر رہا ہے فیصلہ نہیں ہوتا ۔اس کی یہی وجہ ہے کہ وہ پہلے سے اس جنگ کی تیاری کر رہی تھی اور اس کے سب کے سب افراد اس میں شامل ہیں۔ا یک چھوٹی طاقت جس نے اپنی تمام طاقتوں کو مجتمع کر لیا ہو وہ ایک مدت تک بڑی طاقتوں کا مقابلہ کر سکتی ہے۔
اب میرا ارادہ ہے کہ ایسا انتظام کیا جائے کہ جماعت کے سب افراد کے سپرد کوئی نہ کوئی کام کیا جائے تاکہ جماعت ترقی کرے اور سب کام میں مشغول رہیں۔ اس کے لئے اللہ تعالیٰ نے ایک بات میرے دل میں ڈالی ہے اور وہ یہ کہ جس طرح ہر ایک احمدی نے ماہوار چندہ لکھوایا ہوا ہے۔ اِسی طرح ہر ایک سے لکھو ایا جائے کہ وہ کیا کام کر سکے گا۔ یہاں کے لوگ تو مفت بہت سا کام کر سکتے ہیں اور وہ کام جن پر روپیہ خرچ ہوتا ہے وہ تھوڑی سی توجہ سے بِلا اُجرت احسن طور پر انجام پا سکتے ہیں اور کام کی کئی تقسیمیں کی جا سکتی ہیں۔ جو لوگ اچھے پڑھے لکھے ہیں وہ اپنی حیثیت کے مطابق کام کر سکتے ہیں اور جو معمولی قابلیت کے ہیں وہ اپنی حیثیت کا ۔اور جو پڑھے لکھے نہیں وہ یہ کام کر سکتے ہیں کہ اپنا نام لکھوا دیں کہ ہم جس وقت کوئی کتاب چھپے اس کے فرمے توڑیں گے، پیکٹ بنائیں گے یا اَور اسی قسم کا جو کام ہو گا کریں گے۔
غرض ہر جماعت میں رجسٹر تیار ہوں اور لوگوں سے پوچھ کر اُن کے نام لکھ دئیے جائیں۔ جب کسی کام کے وقت ضرورت پڑے تو ملازم کی طرح اُن کو بلا لیا جاوے اور وہ آکر خوشی سے وہ کام کریں۔جو لوگ تقریر کر سکتے اور لیکچر دے سکتے ہیں وہ یہ لکھوا دیں کہ ہم تقریر کر سکتے ہیں۔ پھر جہاں کہیں ضرورت ہو گی اُن کو بھیج دیا جایا کرے گا۔ بعض لوگ زمینداروں میںخوب تبلیغ کر سکتے ہیں اور بعض شہروں میں۔ پس ہرایک اپنی قابلیت کو دیکھ کر لکھوا دے کہ میں فلاں کام کر سکتا ہوں تاکہ جب ضرورت پڑے تو اُن کو بلوا لیا جاوے اور جہاں کہیں بھیجنا ہو بھیج دیا جاوے۔
اس طرح ایک تو جماعت کے کام کرنے والے لوگوں کا علم ہوتا رہے گا دوسرے اخراجات میں بچت ہو گی۔ پھر جب مجموعی طور پر کوشش ہو گی تو کامیابی بھی بہت زیادہ ہو گی۔
بعض لوگ جو عربی جانتے ہوں مگر بولنے کی مشق نہ رکھتے ہوں وہ سوالات کے جواب لکھ سکتے ہیں ،بعض حضرت مسیح موعودؑ کی کتب کے حوالے خوب دے سکتے ہیں۔ بعض احادیث میں تجربہ رکھتے ہیں اور بعض تفاسیر سے دلچسپی رکھتے ہیں۔ ایسے تمام لوگوں کے مکمل پتے رکھے جائیں اور وہ ایک انتظام کے ماتحت کام کریں اور اس طرح تمام سے کام لیا جائے۔ جب اس طرح انتظامی رنگ میں مجموعی طور پر کوشش ہو گی تو انشاء اللہ کام بہت زیادہ ہو گا اور اچھی طرح ہو گا۔باہر کے لوگ اپنے اپنے نام اور جو کام وہ کر سکتے ہیں وہ لکھ کر بھیج دیں یہاں سے کام تقسیم ہو جائیں گے۔ اس کے بعد ہر ایک اپنے مفوّضہ کام کو تندہی اور پوری کوشش سے کرے۔
بعض گورنمنٹوں نے ہر ایک کے ذمہ فوجی خدمت لازمی قرار دی ہوئی ہے۔ اس لئے جب کسی کی ضرورت سمجھی جاتی ہے تو اسے فوراً طلب کر لیا جاتا ہے اور وہ حاضر ہو جاتا ہے۔ خواہ اسے اپنے دوسرے نہایت ضروری کام چھوڑنے پڑیں اور کتنا ہی حرج ہو۔
جو لوگ اس انتظام کے ماتحت تبلیغ کریں وہ پندرہ دن یا مہینہ کے بعد آپس میں ملیں اور ایک دوسرے کو اپنی اپنی رپورٹ سنائیں کہ ہم نے فلاں فلاں کام کیا ہے اور کام کرنے میں ان کو جو جو مشکلات پیش آئی ہوں ان کو نوٹ کریں اوران کے دور کرنے کی تدابیر سوچیں۔ اور وہ سوالات جوا ن کے سامنے کثرت سے پیش کئے جائیں ان کے متعلق یہاں لکھیں یہاں سے ٹریکٹ کی صورت میں ان کے جواب لکھ کر شائع کر دئیے جایا کریں گے اور اس طرح ہمارے پاس مختلف مضامین پر بہت سے ٹریکٹ ہو جائیں گے اور تبلیغ میں آسانی ہو گی۔ بعض لوگوں کا صرف ایک سوال ہوتا ہے اگر اُس کا اُنہیں جواب مل جائے تو اُن کی تسلی ہو جاتی ہے مگر ہمیں اس کو بہت بڑی کتاب دینی پڑتی ہے۔ لیکن جب چھوٹے چھوٹے ٹریکٹ مختلف سوالات کے جوابات کے الگ الگ ہوں گے تو جس کو جو سوال ہو گا ہم اُس کو اُس مضمون کا ٹریکٹ دے دیں گے۔
غرض اس طرح تمام جماعت کی طاقت کام کر سکتی ہے۔ اس کے لئے باہر کے لوگوں کو اگرچہ اخبار کے ذریعہ بھی اطلاع ہو جائے گی مگر میرا اردہ ہے کہ انشاء اللہ ایک اشتہار کے ذریعہ اعلان کروں کہ تمام لوگ اِس طرح کام کرنے کے لئے اپنے اپنے نام لکھائیں۔ اوّل یہاں کے لوگوں کو چاہئے کہ کاموں کی ایک فہرست بنائیں اور ہر ایک شخص سے پوچھا جائے کہ وہ کیا کام کر سکتا اور کس کام میں حصہ لے سکتا ہے۔ پھر اُس کے سپرد اُس کی طاقت کے مطابق کام کر دیا جائے اس طرح سب کاموں پر وقت اور طاقت متفقہ طو پر خرچ ہو گی۔
اللہ تعالیٰ اپنے فضل و کرم سے ہمیں کام کرنے کے طریق سمجھائے اور پھر اس کے نیک نتائج پیدا کرے اور ہماری کمزوریوں کو دُور کر دے۔ اٰمِیْنَ یَا رَبَّ الْعٰلَمِیْنَ
(الفضل ۲۷؍ جنوری ۱۹۱۷ئ)
۱؎ اٰل عمران : ۱۰۳،۱۰۴
۴۴
عدل پر کار بند رہو
(فرمودہ ۱۹؍ جنوری ۱۹۱۷ئ)
تشہد ، تعوذ اور سورہ فاتحہ کے بعد حضور نے درج ذیل آیت کی تلاوت کی:۔
۱؎
اور فرمایا:۔
’’عدل یعنی برابری۔ کسی کے ساتھ برابر کا سلوک کرنا کئی قسم کا ہوتا ہے۔ بعض قسم کا ناجائز ہوتا ہے مثلاًاللہ سے کسی چیز کو برابر کرنا۔ کوئی کہے کہ میں عدل کرتاہوں کہ اللہ کے برابر کسی کو جانتا ہوں تویہ عدل نہیں بلکہ شرک ہو گا اور بُری بات ہو گی کیونکہ ایک بادشاہ سے غلام کو برابر کرنا انصاف اور عدل نہیں بلکہ ناانصافی اور ظلم ہو گا۔ ہاں عدل یہ ہوتا ہے کہ جتنا کسی کا حق ہو اُتنا اُس کو دے دیا جائے، اِس میں کسی قسم کی کمی بیشی کرنا اور جتنا حق ہو اُتنا نہ دینا اور جس کا حق نہ ہو اُس کو دینا یہ عدل کے خلاف ہو جاتا ہے۔
پھر حق کئی اقسام کے ہوتے ہیں مثلاًکئی اِس قسم کے ہوتے ہیں کہ ایک شخص کسی سے کچھ لیتا ہے اور اُتنا ہی اُس کو دیتاہے۔ کچھ حقوق خدا کی طرف سے ہوتے ہیں تو جو شخص ان حقوق کو پورا نہیں کرتا وہ غلطی کرتا ہے اور کچھ حقوق تمدن کی طرف سے ہوتے ہیں۔ تمدن چاہتا ہے کہ خاص لوگوں سے مروت اور احسان کیا جائے۔ا گر کوئی ان حقوق کو پورے طور پر ادا نہ کرے تو وہ ظالم ہو گا کچھ حقوق انسان اپنے نفس پر مقرر کرلیتا ہے مثلاً کہتا ہے کہ فلاں شخص سے یہ سلوک کروں لیکن اگر اس سے وہ سلوک نہیں کرتا تو عدل کے خلاف کرتا ہے۔
غرض یہ مختلف حقوق خواہ وہ خدا کی طرف سے ہوں، خواہ حکام کی طرف سے، خواہ قرض کے طور پر ہوں، خواہ تمدن کے رنگ میں ،خواہ اس کے اپنے نفس کے متعلق ہوں اَور خواہ اور کسی قسم کے ان کو پورے طورپر ادا کرنا انسان کو نیکی کی ایک ادنیٰ قسم کا وارث بناتا ہے اور ان حقوق کے ادا کرنے سے جو پیچھے ہٹتا ہے وہ نیکی کی طرف نہیں بلکہ بدی کے میدان میں آتا ہے اورا س کا قدم بدی کی طرف بڑھتا ہے۔
جو شخص اللہ تعالیٰ یا اس کے رسول یا حکامِ وقت کے حقوق ادا نہیں کرتا یا ان میں کوتاہی کرتا ہے یا جو حقوق قرضہ کے طور پر اس پر عائد ہوتے ہیںان میں کوتاہی کرتا ہے یا جو تمدن کے حقوق میں کمی کرتا ہے یا اگر اپنے نفس کے لئے مقرر کئے ہوئے حقوق کو ادا نہیں کرتا وہ عدل سے نکل کر ظلم میں آتا ہے اور بُرائی کا مرتکب ہوتا ہے۔
خدا تعالیٰ مسلمانوں کو اس کی نسبت فرماتا ہے۔ اے مومنو !عدل سے کام لو یعنی جو خدا کے حقوق ہیں ان کو ادا کرو، جو اُس کے رسول کے حقوق ہیں ان کو ادا کرو اور وہ حقوق جو حکومت کے ہیں ان کو بھی ادا کرو۔ اگر لوگوں کے کچھ حقوق قرض کے طور پر آتے ہیں توا ُن کو اد ا کرو، جو حقوق تمدن نے تم پر قائم کئے ہیں اُن کو اداکرو۔ یا وہ جو تم پر تمہارے نفس نے فرض کئے ہیں اُن کو بھی ادا کرو۔ اگر تم ان حقوق کو ادا کرو تو یہ نیکی کی ادنیٰ قسم ہے۔ یعنی اگر کوئی شخص عدل سے کام لے تو اس پر کوئی الزام نہیں آتاا ور گو اس کو مدارج عالیہ حاصل نہ ہوں مگر وہ گنہگار نہیں ہو سکتا۔ مثلاً اگر کوئی شخص نماز کے فرائض اور سنن کو ادا کرتا ہے اور نفل نہیں پڑھتا یا کوئی زکوٰۃ جو خدا نے اور اس کے رسول نے مقرر کی ہے ادا کرتا ہے اور مسکینوں اور یتیموں کو زکوٰۃ کے ماسِوا امداد کے طور پر کچھ نہیں دیتا تو وہ قابل الزام نہیں اِسی طرح حکومت کی طرف سے جو باتیں مقرر ہیں ان کو پورے طور پر جس طرح سمجھتا ہے ادا کرے تو وہ زیر مؤاخدہ نہیں آسکتا۔ یا کسی کا قرض دینا ہو اس کو دے دیا جائے تو کوئی الزام نہیں آتا۔ یا تمدن نے جو حقوق قرار دئیے ہیں ان کو ادا کرے تو کوئی اُس پر حرف نہیں رکھے گا۔ یا خود اپنے نفس کے حقوق مقرر شدہ اور ثابت شدہ ہیں اُن کو ادا کرے تو زیادہ کے نہ دینے پر کچھ الزام نہیں۔
پس ان حقوق کے ادا کرنے سے وہ صرف اپنے نفس کو پاک کرتا ہے اور پاکیزگی یہی ہے کہ اس پر کوئی الزام نہ ہو۔ پس عدل کرنے کا نتیجہ یہ ہے کہ اس پر کوئی الزام عائد نہ ہو لیکن اس عدل سے بڑھ کر یہ ہے کہ یہی نہ ہو کہ کسی انسان پر کوئی الزام عائد نہ ہو بلکہ اس کی تعریف بھی ہو۔
اس زمانہ میں بڑی نیکی یہ سمجھی جاتی ہے کہ کوئی شخص بُرا کام نہیںکرتا یعنی کسی سے کسی بُری بات کی نفی کرنا اِس زمانہ میں بڑی خوبی اور نیکی سمجھی جاتی ہے۔ مثلاً کہتے ہیں کہ فلاں ظالم نہیں وہ بڑا اچھا آدمی ہے حالانکہ ظلم نہ کرنا بڑی نیکی نہیں بلکہ نیکی کاادنیٰ مقام ہے۔ کیونکہ کسی کا حق ادا کر دینا کونسی بڑی نیکی کرنا ہے۔
بعض جگہ تو عدل کا ذکر کرنا شرم کی بات ہوتی ہے۔ حضرت صاحب ایک قصہ سنایا کرتے تھے کہ کسی شخص کے کوئی مہمان آیا میزبان نے اُس کی بہت کچھ تواضع و تکریم کی اور کھانا وغیرہ اچھی طرح کھلایا بِالآخر دنیا کے طریق کے بموجب اور اکرامِ ضیف کے رنگ میں اس مہمان سے کہا کہ میں نہایت شرمند ہ ہوں کہ جناب کی کچھ خدمت نہیں کر سکا۔ مہمان نے جواب دیا کہ کیا اس طرح تم احسان جتاتے ہو کہ مجھ کو تم نے کھانا کھلایا ہے۔؟تم سوچو تو سہی کہ تمہارا کھانا کھلا کر مجھ پر احسان ہوا یا میرا تم پر۔ کیا جب تم اندر کھانا لینے کے لئے گئے تھے اگر اس وقت میں تمہارے مکان کو آگ لگا دیتا تو یہ تمام سامان جل کر راکھ کا ڈھیر ہو جاتاتو یہ تو میرا تم پر احسان ہے کہ میں نے تمہارے گھر کو آگ نہیں لگائی۔ کسی کے مال کی حفاظت کرنا اور کوئی نقصان نہ پہنچانا ایک اچھا کام ہے مگر اس مہمان نے جس طرح اس بات کو ادا کیا، کیا کوئی عقلمند اس کو پسند کرے گا؟ اِس میں شک نہیں کہ اس نے اپنا فرض ادا کیا کہ صاحب خانہ نے چونکہ اسے آرام پہنچایا تھا وہ بھی کوئی ایسا فعل نہ کرتا جس سے میزبان کو نقصان اُٹھانا پڑتا مگر ا ُس کا اِس بات کو بیان کرنا کچھ قابل تعریف نہ تھا اور یہ کوئی خوبی کی بات نہیں تھی بلکہ اس کا اظہار بھی قابل شرم اور لائق نفرت بات تھی۔
غرض نیکی کے مقامات میں سے سب سے ادنیٰ مقام عدل کا ہے یہی وجہ ہے کہ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا ہے لَا یُؤْمِنُ اَحَدُ کُمْ حَتیّٰ یُحِبَّ لِاَ خِیْہِ مَایُحِبُّ لِنَفْسِہٖ ۲؎ کہ انسان اس وقت تک مومن ہی نہیں بن سکتا جب تک کہ اُس کو اپنے بھائی کے لئے وہی بات پسند نہ ہو جو اس کو اپنے نفس کے لئے پسند ہے۔ کیوں؟ اس لئے کہ اگر کسی شخص سے عدل میں فرق آتا ہے تو اس سے اس کے ایمان میں بھی فرق آجاتا ہے کیونکہ عدل کرنے سے ہی انسان ایمان کے پہلے درجہ میں دخل ہوتا ہے باقی رہے مدارج سووہ عدل سے حاصل نہیں ہوتے اور صرف عدل سے کوئی شخص اعلیٰ درجہ کا ایمان حاصل نہیں کر سکتا۔ ہاں نجات کے لئے صرف عدل کافی ہے۔ چنانچہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس ایک شخص آیا اورا س نے آکرا سلام کے متعلق پوچھا۔ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے اُس کو فرمایا کہ دن رات میں پانچ نمازیں ہیں۔ اس نے کہا کیا ان کے سوا اَور بھی ہیں؟ آپ نے فرمایا نہیں۔ لیکن اگر تو زیادتی کرے یعنی نفل پڑھے۔ پھر رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا اور رمضان کے روزے۔ اُس نے کہا کیاان کے سوا اَور روزے بھی ہیں آپ نے فرمایا۔ نہیں مگر جو تو زیادہ رکھے یعنی نفل کے طور پر۔ پھر آپ نے فرمایا۔ زکوٰۃ دینی چاہئے۔ اس نے کہا کیا اس کے سوا اور بھی ہے؟ آپ نے فرمایا نہیں مگر جو تو زیادتی کرے۔ یعنی اپنے طور پر خیرات کرے۔ یہ سن کر وہ شخص یہ کہتا ہوا چلا گیا۔ کہ خدا کی قسم میں نہ ان میں زیادتی کروں گا نہ کمی۔ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے یہ سن کر فرمایا۔ یہ شخص کامیاب ہو گیا اگر اِس نے سچ کہا۔ ۳؎
جو شخص فرائض کو ادا کرتا ہے وہ صرف نجات کا مستحق ٹھہرتا ہے مگر قرب اور مدارج حاصل کرنے کے لئے اَور طریق ہیں۔رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے بھی فرمایا ہے کہ اگر ان باتوں میں اُس نے کمی نہ کی تو یہ نجات پاگیا۔ یہ نہیں فرمایاکہ وہ اعلیٰ درجہ اور مقام بھی حاصل کرے گا۔
غرض ادنیٰ سے ادنیٰ درجہ ایمان کا عدل ہے اور سب فرائض کو بغیر کسی کمی بیشی کے ادا کرنا نجات کے لئے کافی ہے لیکن اگر اِس میں کمی کرے یا اس میں نقص آجائے تو ایمان میں نقص آجائے گا اس لئے ہر ایک مومن کو چاہئے کہ اس بات کے لئے زور لگائے کہ اس درجہ سے ترقی کرے اور یہ نہ ہو کہ وہ اس درجہ سے گر جائے کیونکہ اس سے گرنا ایمان کا ضائع کرنا ہے۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم فرماتے ہیں کہ تم میں سے اُس وقت تک کوئی مومن ہی نہیں بن سکتا جس وقت تک کہ وہ اپنے بھائی کے لئے وہی کچھ پسند نہ کرے جو اس کواپنے نفس کے لئے پسند ہو۔ یعنی اگر یہ چاہتا ہے کہ لوگ اُس کے ساتھ نیکی کریں تو اس پر بھی فرض ہے کہ اپنے بھائی کے ساتھ وہ بھی عدل وانصاف کرے۔
سو کوشش کرنا چاہئے کہ کم ازکم عدل پر تو انسان قائم ہو۔ قرآن شریف میں آتا ہے ۴؎ خدا نے کوئی ایسی مشکل بات نہیںرکھی جو انسان کے نفس کی طاقت سے زیادہ ہو۔ پس اگر کوئی شخص اپنی طرف سے کوشش کرے تو عادل ہو سکتا ہے۔ بعض لوگ کوشش ہی نہیں کرتے اور اس کا نام فطرت رکھتے ہیں اور کہتے ہیں کہ اِسی طرح کرنے پر مجبور ہیں اور یہ غلط ہے کیونکہ وہ ایک بُری عادت کا نام فطرت رکھتے ہیں حالانکہ اللہ تعالیٰ نے انسان کو اعلیٰ طاقت اور نیک فطرت دی ہے اور قرآن کریم اِس بات سے بھرا پڑا ہے۔ پس انسان کی فطرت کامل ہے ہاں جو اس سے کام نہیں لیتایا اُلٹے رستہ پر ڈال کر خراب کر لیتا ہے اُس کا اپنا قصور ہے۔
بہت سے لوگ سخت زبانی کرتے ہیں اور کہتے ہیں کہ ہماری فطرت ہی اسی قسم کی واقع ہوئی ہے حالانکہ یہ درست نہیں ہے۔ اور وہ اپنی عادت کو اگر درست کرنے کی کوشش کریں تو کر سکتے ہیں کیونکہ یہ بات ان کے اپنے اختیار میں ہے۔ اور سخت کلامی کی عادت اُنہوں نے خود پیدا کی ہوئی ہے اور جو عادت خود پیدا کی ہو وہ دور بھی کی جا سکتی ہے۔ خدا نے تو انسان کو اعلیٰ درجہ کی فطرت پر پیدا کیا ہے۔ پس اگر لو گ خود اِس کو مسخ کر لیتے ہیں تو یہ کیوں ممکن نہیں کہ اپنی حالت کو درست بھی کر لیں۔
پس کم سے کم عدل کی طرف توجہ ہو۔ میں قادیان کے رہنے والوں کو بِالخصوص نصیحت کرتا ہوں کہ وہ بہت زیادہ عدل کی طرف متوجہ ہوں۔ بعض لوگوں کے میرے پاس خطوط آئے ہیں کہ قادیان کے بعض لوگ عدل سے کام نہیں لیتے۔ اِس میں شک نہیں کہ بعض باتیں غلط ہیں مگر بعض درست بھی ہیں۔ بعض تو اس قسم کی باتیں ہیں کہ مجبوراً کرنی پڑتی ہیں۔ مجھ کو لکھا گیا ہے کہ جلسہ کے موقع پر یہاں کے بعض لوگ خوش خلقی سے پیش نہیں آئے۔ بعض اوقات ایسا ہوتا ہے کہ کسی سے جوبات کہی جائے وہ ٹھیک ہوتی ہے لیکن اس کا لہجہ یا درشت ہونے کی وجہ سے دوسرے کو رنجیدہ کر دیتا ہے لیکن اگر وہی بات نرمی کے ساتھ اور عمدگی سے کہی جائے تو پھر شکایت نہیںپیدا ہوتی مثلاً ایک شخص سوال کرتا ہے کہ فلاں چیز مجھے دے دو اور ا س کو یہ جواب دیا جاتا ہے کہ میں نہیں دوں گا۔ گو یہ جواب معاملہ کے لحاظ سے عدل ہو مگر اخلاق کا عدل اجازت نہیں دیتا کہ اس قسم کا جواب دیا جائے کیونکہ یہی بات نرمی سے بھی کہی جا سکتی ہے اور نرمی سے کلام کرنا کسی پر بار نہیں گزر سکتا۔ یہی وجہ تھی کہ حضرت موسیٰ علیہ السلام جیسے انسان کو بھی حکم ہوا کہ فرعون کے ساتھ نرم نرم باتیں کرنا۔ فرعون وہ ہے کہ جو خدا ئی کا دعویدار ہے اور بڑا سرکش اور متکبر ہے۔ مگر اُس کے ساتھ گفتگو کرنے کا طریق خدا نے بتلایا کہ نرم نرم باتیں کرنا۔ تو وہی بات جو ایک انسان سختی سے کہنا چاہے نرمی سے بھی کہہ سکتا ہے۔ اِس میں شک نہیں کہ مالی رنگ میں ایسے شخص کو کچھ نہ دینا کہ جس کا حق نہ ہو عدل کے خلاف نہیںلیکن درشتی سے پیش آنا عدل کے بالکل خلاف ہے۔ قواعد چیز کے نہ دینے پر مجبور کرتے ہیں مگر ایسا جواب دینے پر مجبور نہیں کرتے جس سے رنجش پیدا ہو۔ پس اگر کوئی شخص تم سے کوئی سوال کرتا ہے اور تمہارے قواعدتم کو اجازت نہیں دیتے کہ اُس کوپورا کرو تو ۵؎ کے ماتحت اس سے پیش آئو اور اُس کو قولِ معروف کہہ دو اور ترش روئی سے جواب نہ دو۔ جیسا کہ میں نے بتایا ہے کہ عدل ایک ادنیٰ درجہ ہے جو اس سے ہٹتا ہے وہ بُرائی کی طرف قدم مارتا ہے۔ا ب اگر کوئی کسی سے نرم بات نہیں کرتااور اپنی سختی کو فطرت کے سر تھوپتا ہے تو اس کے یہ معنی ہوئے کہ نَعُوْذُ بِاللّٰہِ قرآن کریم نے جھوٹ کہا ہے کیونکہ قرآن شریف سے تو ظاہر ہوتا ہے کہ خدا نے انسان کو اعلیٰ اخلاق دئیے ہیں آگے وہ خود بھی اپنی عادات کو خراب کر لیتا ہے لیکن اگر وہ اِس پر زور دیوے تو اس کو درست بھی کر سکتا ہے۔
پس جو شخص عادل نہیں وہ مومن نہیں ہو سکتا کیونکہ جب عدل میں نقص آیا تو ایمان مٹ گیا۔ بعض لوگ سمجھتے ہیں کہ اگر کسی کی دل شکنی ہو گئی تو کیا ہوا۔ حالانکہ کسی سے اچھے اخلاق سے معاملہ کرنا عدل میں داخل ہے اس لئے ہرایک انسان کو چاہئے کہ دوسرے کے ساتھ اس طریق سے پیش آئے جس طریق پر وہ خود چاہتا ہے کہ لوگ اس سے سلوک کریں۔
پس میں یہاں کے دوستوں کو نصیحت کرتا ہوں کہ وہ لوگوں کے لئے ٹھوکر کا باعث نہ بنیں۔ حضرت مسیح ناصری اُس شخص پر بہت افسوس کرتے ہیں جو اپنی کسی حرکت سے دوسرے کے لئے ٹھوکر کا موجب بنے۔ لیکن بعض کہا کرتے ہیں کہ اجی کیا ہواہمارے ذریعہ کوئی گمراہ ہوا۔ قرآن شریف کے ذریعہ بھی تو گمراہ ہوتے ہیں۔ چنانچہ خدا تعالیٰ فرماتا ہے۔ ۶؎ مگر ان کو معلوم نہیں کہ جو لوگ قرآن شریف کی وجہ سے گمراہ ہوتے ہیں ان کے لئے قرآن شریف میں کوئی ایسی ٹھوکر نہیں ہے جس کے باعث وہ گمراہ ہوتے ہیں بلکہ ان کی اپنی طبیعت کی تیرگی ان کے گمراہ ہونے کا سبب ہوتی ہے۔ حدیثوں میں آتا ہے کہ حضرت معاذؓ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ نماز پڑھ کر دوسروں کو جا کر نماز پڑھاتے اور بہت لمبی سورتیں پڑھتے۔ ایک روز آپ نے سورۃ بقرہ شروع کر دی ایک شخص نے نماز توڑ کر الگ پڑھ لی مسلمانوں نے کہا کہ یہ منافق ہے۔آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس ذکر ہوا۔ آپ نے اُس کو بلایا۔ اُس نے عرض کیا۔ حضور وہ لمبی نماز پڑھتے ہیں۔ میں تھکا ماندہ تھا مجھ سے ان کے ساتھ پڑھی نہیں جا سکتی۔ یہ سن کر آپ کا چہرہ سرخ ہو گیا آپ نے معاذ کو فرمایا کہ تو فتان یعنی تو فتنہ باز ہے۔ ۷؎ چھوٹی چھوٹی سورتیں پڑھا کرو۔ بظاہر بڑی سورتیں پڑھنا نیکی ہے لیکن چونکہ اس سے فتنہ پید ا ہو تاہے اس لئے آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے معاذؓ کو فتّان کہا۔ حضرت معاذ رضی اللہ عنہ نے اصل میں آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کودیکھا کہ آپ نوافل میں بڑی سورتیں پڑھتے ہیں اور اُس نے اجتہاد میں غلطی کر کے فرائض میں بھی بڑی سورتیں پڑھنی شروع کر دیں یہ ایک غلطی تھی اور اس سے لوگوں کو ابتلا ہوتا ہے ا س لئے آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے روک دیا۔ اگرچہ فرائض میں بڑی سورتیں پڑھنا گناہ نہیں مگر غلطی ضرور تھی پھر یہ کوئی بداخلاقی نہیں بلکہ اجتہادی غلطی ہے لیکن نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے حضرت معاذؓ کو فتان قرار دیا۔ اس سے سمجھ لینا چاہئے کہ جہاں بد اخلاقی ہو وہاں کیا کہنا چاہئے۔ بد اخلاقی کے مقابلہ میں تو یہ غلطی کچھ بھی نہیں کیونکہ بد اخلاقی کے نتائج بہت بُرے ہیں اور خوش اخلاقی میں کچھ نقصان نہیں۔ صرف اپنی زبان پر قابو کرنا ہے۔
پھر ایک شخص کہتا ہے کہ قادیان میں ہر ایک شخص اپنے تئیں مسیح موعود سمجھتا ہے۔ اس میں شک نہیں قادیان میں رہنا برکت کا موجب ہے مگر یہ نہیں کہ ہر ایک شخص قادیان میں رہنے کی وجہ سے دوسروں پر خواہ مخواہ فخر کرے۔ پس اگر تم کسی سے گفتگو کرو تو یہ کہہ کرکہ میں قادیان میں رہنے والا ہوں اس کو جھڑکو نہیں اور نہ ہی اس طرح ا س پر فضیلت جتلائو بلکہ دلائل سے بات چیت کر سکتے ہو تو کرو اور دلائل سے خاموش کرنا اَور بات ہے۔ میں کہتا ہوں قادیان کی رہائش اگر خوش خُلقی نہیں سکھاتی تو پھر قادیان کی رہائش کوئی موجبِ فخر نہیں۔ فخر تو اس بات کا ہے کہ تم میں اور دوسروں میں ایک نمایاں فرق ہو تمہارے اخلاق اطوار اعلیٰ ہوں، قادیان کی رہائش کو برکت والی ثابت کرو۔ اگر تم میں اکرامِ ضیف ہو تو لوگ خود بخود تم پر لٹو ہو جائیں گے اور تمہارے کہنے کی ضرورت ہی نہ رہے گی۔ لیکن اگر بے جا طور پر فخر کرو گے اور اپنے منہ سے بڑے بنو گے تو اِس طرح دوسروں کے لئے ابتلاء کاموجب ٹھہرو گے۔ پس اگر تم دشمن کے سامنے کسی بات پر فخر کرو تو کر سکتے ہو لیکن یہ ٹھیک نہیں کہ اپنے بھائیوں پر فخر کرنے لگو۔ اگر تمہارے اندر خوش خلقی ہو گی تو لوگ خود تمہاری عزت اور تکریم کرنے پر مجبور ہوں گے۔ پس تم میں سے ہر ایک شخص اگر اَور کچھ نہیں تو کم ازکم اپنے اندر ادنیٰ قسم کا ایمان تو پیدا کر لے کہ دوسروں سے وہ سلوک کرے جس کی توقع دوسروں سے رکھتا ہے۔
اللہ تعالیٰ ہمارے دوستوں کو توفیق دے کہ وہ کسی کے لئے ٹھوکر کا موجب نہ ہوں۔ اللہ تعالیٰ تمام جماعت خصوصاً قادیان کے لوگوں کو اپنے اعمال میں ترقی کی توفیق دے۔‘‘
(الفضل ۱۳؍ فروری ۱۹۱۷ئ)
۱؎ النحل: ۹۱
۲؎ مسلم کتاب الایمان باب من خصال الایمان ان یحب لا خیہ مایحب لنفسہٖ
۳؎ بخاری کتاب الصوم باب وجوب صوم رمضان
۴؎ البقرۃ:۲۸۷ ۵؎ الضحیٰ:۱۱ ۶؎ البقرۃ:۲۷
۷؎ بخاری کتاب الاذان باب اذا اطول الامام
۴۵
خدا تعالیٰ سے تعلق پیدا کرو
(فرمودہ ۲۶؍ جنوری ۱۹۱۷ئ)
تشہد،تعوذ اور سورۃ فاتحہ کے بعد حضور نے سورۃ العصر کی تلاوت کی اور فرمایا:۔
’’ اسلام کی تعلیم کا نچوڑ اور خلاصہ تو لَا اِلٰہَ اِلَّا اللّٰہُ ہے۔ یہی وجہ ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا ہے کہ مَنْ قَالَ لَا اِلٰہَ اِلَّا اللّٰہُ فَدَخَلَ الْجَنَّۃَ۔۱؎ لیکن اس کے یہ معنی نہیں ہیں کہ صرف لفظ لَا اِلٰہَ اِلَّا اللّٰہُ کہنے سے ہی کوئی شخص جنت میں داخل ہو جائے گا کیونکہ ان الفاظ کا مفہوم تو اسلام کے سوا غیر مذہب میں بھی پایا جاتا ہے اور رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم یہود و نصاریٰ کے متعلق یہی فرماتے ہیں کہ ان کے پاس بھی صداقتیں ہیں اور وہ بھی خدا کے نبیوں کے نوشتوں کے حامل ہیں مگر باوجود اس کے اگر آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کو نہ مانیں تو نجات نہیں پا سکتے۔ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کے اِن دونوں قولوں میں بظاہر اختلاف معلوم ہوتا ہے۔ درحقیقت ان میں کوئی اختلاف نہیں کیونکہ لَا اِلٰہَ اِلَّا اللّٰہُ کہنے سے یہ مراد ہے کہ مَنْ عَمِلَ بِالْاِ سْلَامِ یعنی جو اسلام کے مطابق اپنی زندگی بنائے وہ لَا اِلٰہَ اِلَّا اللّٰہُ کہتا ہے اس لئے لَااِلٰہَ اِلَّا اللّٰہُ سے یہ استنباط نہیں ہوتا کہ انسان بے عمل جنت میں داخل ہو جائے گا۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ تم جانتے ہو کہ لَا اِلٰہَ اِلَّا اللّٰہُ کے کیا معنی ہیں۔ پھر آپ ہی فرمایا کہ اس کے یہ معنی ہیں کہ اللہ کو ایک جانواور مجھ کو اس کا رسول مانو۔ غرض اللہ کے ماننے میں اللہ تعالیٰ کی بھیجی ہوئی سب تعلیم اور قرآن و حدیث بھی داخل ہیں۔ یعنی اسلام میں جس قدر احکام ہیں وہ سب پھل ہیں اور لَا اِلٰہَ اِلَّا اللّٰہُ بیج ہے۔ جس کے پاس صحیح اور سالم بیج ہو گا اور وہ اس کو بوئے گا تو ضرور ہے وہ پھل لائے اور جس کو اچھے پھل حاصل ہوں وہ سمجھ لے کہ ان کا بیج اچھا تھا اور جس کو کوئی پھل نہ ہو وہ سمجھ لے کہ اس کا بیج ناقص تھا۔ تو جب دل صاف ہو تب ہی ایمان درست ہوتا ہے۔ لیکن اگر پھل اچھا نہیں پیدا ہوا تو معلوم ہوا کہ اس بیج نے دل سے تعلق نہیں پکڑا جیسے مثلاً زمین میں کوئی شخص بیج ڈالے مگر وہ ناقص اور خراب ہو تو ضرور ہے کہ اس بیج کو کوئی پھول پھل نہ آئے اور یہ کہ وہ زمین سے سر ہی نہ اُٹھائے۔
غرض لَا اِلٰہَ اِلَّا اللّٰہُ اسلام کا ایک بیج ہے جو ایسی زمین میں پڑ کر پھل پھول نہیں لا سکتا جو اس کی اہل نہ ہو۔ا گر ہم خدا کے فعل یعنی کائنات دنیا کو دیکھیں تو معلوم ہوتا ہے کہ ہر ایک چیز خدا کی ہستی کی محتاج ہے۔ کوئی ایسی چیز نہیں جو قائم بِالذات ہو۔ حضرت خلیفہ اوّل کو ایک دفعہ رئویا میں لَا اِلٰہَ اِلَّا اللّٰہُ کے معنی سمجھائے گئے کہ دنیا میں کوئی ایسی چیز نہیں ہے جو اپنے وجود کے قیام کے لئے کسی دوسری چیز کی محتاج نہ ہو مگر خدا ایک ایسی ہستی ہے جو قائم بِالذات ہی نہیں بلکہ قیوم بھی ہے۔ یعنی دوسروں کو بھی قائم رکھنے والی ہے۔ پس جو اشیاء اپنے وجود کے قیام کے لئے کسی دوسری چیز کی محتاج ہیں وہ اس بات کی اہل نہیں کہ ان کو خدا یا معبود کہا جائے۔ اس سورۃ میں مسلمانوں کو یہی مضمون بتایا گیا ہے کہ اللہ کے سوا کوئی چیز قائم بِالذات نہیں۔ مثلاً چھت ہی ہے جو قائم نہیں رہ سکتی جب تک کہ دیواریں نہ ہوں۔ چھت خواہ لو ہے کی ہو مگر دیواریں کمزور ہوں تو چھت کی مضبوطی کچھ کام نہیں دے سکتی کیونکہ چھت کا قیام اپنی مضبوطی کی بناء پر نہیںبلکہ اس کا قیام ہے دیواروں پر اور جب دیواریں کمزور ہیں تو چھت بھی گویا کمزور ہی ہے۔ اس کی جہاں دیواریں گریں وہاں چھت بھی ضرور زمین پر آرہے گی۔ لیکن اگر دیواریں ایسی ہیں جوایک دو ماہ یا سال دو سال یا سو سال یا ہزار سال تک رہ سکتی ہوں تو چھت بھی اِس مدت تک رہ سکتی ہے تو جو چیز کسی دوسری چیز کے سہارے پر قائم ہو وہ اُس وقت تک قائم رہ سکتی ہے جب تک سہارا دینے والی چیزقائم رہے۔
مگر جونہی اس کا خاتمہ ہوا وہ بھی جاتی رہے گی۔ چونکہ دنیا کی اشیاء میں انسان بھی داخل ہے اور وہ بھی دوسری چیزوں کے سہارے قائم رہتا ہے اس لئے اس پر بھی یہ بات عائد ہوتی ہے ۔لیکن ادھر ہم دیکھتے ہیں کہ انسان کی خواہش ہے کہ وہ ہمیشہ قائم رہے اور ہر ایک انسان کے دل میں خواہش ہے اور اس خواہش سے کوئی دل خالی نہیں اور کوئی انسان نہیں جس کے دل میں یہ آرزود نہ ہو کہ وہ ہمیشہ زندہ رہے اور فنا نہ ہو۔ خواہ کوئی جاہل سے جاہل ہی کیوں نہ ہو۔ مگر اس کی بھی یہ خواہش ضرور ہوتی ہے کہ وہ ہمیشہ زندہ رہے اور اُس کو موت نہ آئے۔
جب ہم حج پر گئے تو میر ناصر نواب صاحب سے ایک شخص ملا جو نہایت ضعیف تھا اور حج کو جار ہا تھا۔ ایک دن میں نے اس کو منیٰ کے مقام پر پوچھا کہ میاں عبدالوہاب یہ اُس کا نام تھا ۔ تمہارا مذہب کیا ہے؟ اس نے کہا کہ ٹھہر جائو سوچ کر بتاتا ہوں۔ میں نے کہا مذہب کے متعلق سوچنے کی کونسی بات ہے۔ جو تمہارا مذہب ہو بتا دو۔ کہنے لگا جلدی نہ کرو بتاتا ہوں۔ پھر کہنے لگا اچھا جب میں حج سے واپس جائوں گا تو اپنے وطن سے مولوی صاحب سے پوچھ کر اپنا مذہب لکھوا کر بھیجوں گا۔ میں نے کہا تم خود بتائو کہنے لگا اچھا ٹھہرو بتاتا ہوں۔ میرا مذہب اعظم ہے۔ میں نے کہاں میاں! اعظم تو کوئی مذہب نہیں۔ کہنے لگا ٹھہر جائو جلدی نہ کر و سوچنے دو۔ میرا مذہب علیہ علیہ ہے۔میں نے کہا میاں! یہ بھی کوئی مذہب نہیں۔ آخر کہنے لگا کہ میرا مذہب ہے اعظم علیہ۔ میں سمجھ تو گیا کہ امام اعظم ابوحنیفہ رحمۃ اللہ علیہ کہنا چاہتا ہے۔ مگر پھر میں نے کہا کہ اعظم علیہ تو کوئی مذہب نہیں۔ اس نے کہا ٹھہر جائو تم توجلدی کرتے ہو ۔میرا مذہب حنیفہ اعظم علیہ اور پھر بڑی مشکل سے کہا اعظم رحمۃ اللہ علیہ اور آخر میں کہا کہ تم تو جلدی کرتے ہو میں اپنے گھر سے تمہیں لکھوا بھیجوںگا۔
اب اس شخص کو دیکھو نہ اس میں طاقت اور نہ خرچ مگر مدینہ کی تیاری کر رہا تھا۔ میں نے اُس کو کہا۔ میاں عبدالوہاب مدینہ جانا فرض نہیں تم مت جائو۔ اس نے کہا کہ نہیں میرے بیٹوں نے کہا تھا کہ مدینہ ضرور جانا۔ تو اس قسم کے لوگ بہت ہیں جن کو معلوم نہیں کہ ان کا مذہب کیا ہے مگر اپنا نام قائم رکھنے کی ان میں خواہش ہو گی۔
ایسے لوگ نہ خدا کو جانتے ہیںنہ خدا کے رسول کومگر انہیں یہ خواہش ضرور ہے کہ ان کا نام قائم رہے۔ پھر لوگ اولاد کی خواہش کرتے ہیں صرف اس لئے کہ ان کا نام نہ مٹ جائے مگر باوجود اس بات کے ان کویقین نہیں کہ اگر ہمارے اولاد ہوئی بھی تو یہ کیا یقینی بات ہے کہ اس اولاد کے اولاد ہوگی اور اگر پوتے ہوئے بھی تو یہ کوئی یقین نہیں کہ آگے بھی اولاد ہو گی لیکن ان کی یہ خواہش کیوں ہے؟ اس لئے کہ نام قائم رہے اس لئے کئی کئی شادیاں کراتے ہیں۔ پھر اپنا اور بیوی کا علاج کراتے ہیں کہ کسی طرح اولاد ہو۔ تو ہر ایک کے دل میں یہ جذبہ پایا جاتا ہے خواہ وہ بادشاہ ہو یا گدڑی پوش فقیر، فلاسفر اور حکیم ہو یا جاہل مطلق کہ ہمارا نام قائم رہے۔ دوسری طرف ہمیں یہ معلوم ہوتا ہے کہ کوئی چیز قائم بِالذات نہیں کیونکہ ہر چیز دوسرے کے سہارے قائم ہے اور ہر ایک کو فنا لگی ہوئی ہے۔ا ب سوال ہوتا ہے کہ ایک طرف تو فطرت میں رکھا گیا کہ ہم قائم رہیں اور دوسری طرف ہم دیکھتے ہیں کہ فنا اپنا کام کر رہی ہے اور زندگیوں کا خاتمہ کر رہی ہے اور یہ دونوں باتیں خدا ہی کی طرف سے ہیں۔
یہ خواہش جو ہر ایک انسان کے دل میں رکھی ہوئی ہے جھوٹی تو ہے نہیں کیونکہ ہر ایک انسان خواہ وہ کسی طبقہ میں سے ہو اس میں پائی جاتی ہے۔ا گر یہ خواہش جھوٹی ہوتی تو اس کا وجود سب انسانوں میں نہ پایا جاتا لیکن اس کا سب انسانوں میں پایا جانا بتلاتا ہے کہ یہ فطری بات ہے اور جو فطرت کے تقاضہ سے بات ہووہ خدا کی ہی طرف سے ہوا کرتی ہے۔ا ب ہر ایک چیز فناہو رہی ہے اور کسی کو بقا حاصل نہیں اور دوسری طرف انسان کی خواہش ہے کہ وہ زندہ رہے لیکن یہ کیسے پوری ہو۔ اس لئے اللہ تعالیٰ فرماتا ہے ۲؎ زمانہ کی قسم! بیشک انسان کے ساتھ ہلاکت لگی ہوئی ہے۔ انسان کہہ دینے سے سب چیزیں اس میں آگئیں کیونکہ انسان سب اشیاء پر حاکم اور متصرف ہے۔ تو جب انسان حاکم ہے اور اس کے لئے خسر ہے تو سب چیزیں ہی گھاٹے میں ہیں۔ فرمایا کہ انسان کے گھاٹے کی طرف زمانہ شہادت دیتا ہے اور اس سے پتہ لگتا ہے کہ ہر ایک چیز گھاٹے کی طرف جار ہی ہے اور انسان کی خواہش یہ ہے کہ وہ ہمیشہ رہے۔ پھر اس کے لئے کیا ہو؟ یہی کہ انسان کوئی ایسا سہارا تلاش کرے جو ہمیشہ قائم رہنے والا ہو اور وہ سہارا اللہ تعالیٰ ہے۔ پس وہ انسان جو اللہ پر بھروسہ کرے گا اور ا س سے اپنا تعلق جوڑے گا وہ ہلاک نہ ہو گا۔اس لئے جو لوگ اللہ پر ایمان لاتے اور ایک ایسی ہستی پر سہارا کرتے ہیں جس کو ہلاکت نہیں جو ہر قسم کی ہلاکتوں اور مصائب سے پاک ہے تو وہ بھی ہلاک نہیں ہو سکتے اور ان کے نام نہیں مٹ سکتے۔
یہ حقیقی بات ہے کہ جو اعلیٰ چیز سے تعلق رکھتا ہے وہ خود بھی اعلیٰ ہو جاتا ہے۔ دیکھ لو ایک بڑے دربار میں بعض بڑے بڑے اہلکار نہیں جا سکتے مگر بادشاہ کا چپراسی جا سکتا ہے تو جب کوئی بڑی چیز سے وابستگی حاصل کرتا ہے تو ضرور ہے کہ اس کی بڑائی بھی ہو اور یہ ایک سچی بات ہے کہ خدا کا ذکر اور اُس کا نام مٹ نہیں سکتاا س لئے جو شخص خدا کے ساتھ تعلق پیدا کرے وہ بھی نہیں مٹ سکتا۔ یہ ایک علاج ہے اس بات کا کہ ہر ایک چیز کے لئے فنا ہے مگر انسان اس سے بچ سکتا ہے کیونکہ اس کا تعلق خدا سے ہو جاتا ہے جو ہمیشہ قائم رہنے والا ہے۔ پس اگر تم ہلاکت سے بچنا چاہتے ہو تو اس چیز سے تعلق پیدا کرو جس کے لئے ہلاکت نہیں۔ خدا تعالیٰ فرماتا ے وہ لوگ جو خود ایمان لائے اور جنہوں نے اچھے عمل کئے اور دوسروں کو نیک عمل کرنے کی تعلیم دی وہ اس قابل ہو گئے کہ خدا تعالیٰ ان کو بچائے اور قائم رکھے۔ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم فرماتے ہیں۔ جس کے ذریعہ کسی کو ہدایت ہو اس کے نام بھی اس شخص کی ہر ایک نیکی کے بدلہ میں نیکی لکھی جائے گی اور یہ سلسلہ قیامت تک چلا جاتا ہے کیونکہ پھر اس شخص کے ذریعہ جس شخص کو ہدایت ملے گی اس کی نیکی کے بدلہ میں بھی اس کو نیکی کا بدلہ ملے گا۔ چنانچہ حضرت صاحب نے کہا کہ حضرت نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی اب جو شان ہے وہ پہلے کی نسبت بڑی ہے کیونکہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے ذریعہ جن لوگوں نے ہدایت پائی اور پھر ان لوگوں کے ذریعہ جن لوگوں نے ہدایت پائی ضرورہے کہ ان سب کی نیکیوں کے بدلہ میں آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کو بھی نیکی ملے اور حضور کے درجات و مراتب میں ترقی ہو۔ تو اس وقت سے کہ جب آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم مبعوث ہوئے تھے اور اس کے بعد لوگوں نے نیکیاں کیں ان کا اجر آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کو بھی ملا۔ تو جو آج آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کا مظہر ہو گا وہ ضرور ہے کہ ایک بڑی شان کا ہو۔
بعض نادان اس کے کچھ کے کچھ معنے لے اُڑے اور کہہ دیا کہ مرزا صاحب آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم سے اپنے تئیں بڑھاتے ہیں لیکن یہ غلط ہے ۔آپ کا مطلب یہی تھا کہ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کے ذریعہ جو ہدایت پھیلی ضرور ہے کہ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کو اس کے بدلہ اور ثواب میں بہت سی نیکیاں ملیں اور جو آج آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کا مظہر ہو گا اس کا جلال بھی بڑا ہوگا۔ غرض جس کا سہارا خدا پر ہو وہ بڑھے گا اور جس کا سہارا ان چیزوں پر ہو جو ہلاک ہونے والی ہیں وہ بھی ہلاک ہو جائے گا۔ پس ہلاکت سے بچنے کا ایک ذریعہ ہے کہ خدا پر سہارا ہو۔ جو شخص اللہ کے دین اور اس کے ذکر کو پھیلائے وہ ضرور بڑھے گا۔
چونکہ انسان کی خواہش ہے کہ وہ قائم رہے اور اس کے نام کو قیام ہو اور یہ اس صورت میں ہو سکتا ہے کہ خدا پر سہارا ہو کیونکہ اللہ کی ذات ہی ایک ایسی ذات ہے جس کے لئے ہلاکت نہیں اور جو دوسروں کے سہارے پر قائم نہیں۔ وہ قائم بِالذات ہی نہیں بلکہ قیوم بھی ہے کہ جس کے سہارے تمام چیزیں قائم ہیں اس لئے ا س سے تعلق پیدا کرو۔ خدا تعالیٰ ہمیں توفیق دے کہ ہم مادی چیزوں کے سہاروں کو چھوڑ دیں اور صرف خداوند تعالیٰ کی ذات پر ہمارا بھروسہ ہو۔‘‘ آمین
(الفضل ۱۷؍فروری ۱۹۱۷ئ)
۱؎ ترمذی کتاب الایمان باب ماجاء فیمن یموت و ھو یشھد ان لا الہ الا اللّٰہ
۲؎ العصر: ۲،۳
۴۶
جماعت احمدیہ کو ایک خاص ہدایت
(فرمودہ ۲؍ فروری ۱۹۱۷ئ)
تشہد ، تعوذ اور سورۃ فاتحہ کے بعد حضور نے مندرجہ ذیل آیت کی تلاوت کی:۔
۱؎
اس کے بعد فرمایا:۔
’’سیاست کئی قسم کی ہوتی ہے۔ ایک سیاست حکومت کی ہے اس سے بہت سے لوگ واقف ہیں بلکہ لوگوں نے سیاست کے معنے یہ بنا لئے ہیں کہ وہ انتظام جو حکومت سے متعلق ہے اُس کو سیاست کہتے ہیں لیکن درحقیقت سیاست ایک وسیع لفظ ہے۔ حکومت کی سیاست کے علاوہ اَور بھی سیاستیں ہیں جو اپنی اہمیت کے لحاظ سے حکومت کی سیاست سے کم نہیں ۔ خواہ کوئی بڑی سے بڑی حکومت ہی ہو اُس کی سیاست بھی اور سیاستوں سے مستغنی نہیں کر سکتی۔ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا ہے۔ کُلُّکُمْ رَاعٍ وَ کُلُّکُمْ مَسْئُوْلٌ عَنْ رَعِیَّتِہٖ ۲؎ کہ تم میں سے ہر ایک چرواہا ہے اور ہر ایک سے اُس کی رعیت کی نسبت سوال کیا جائے گا کیونکہ کوئی انسان ایسا نہیں جس کی کوئی ذمہ داری نہ ہو۔
عربی زبان بڑی کامل زبان ہے اس کے الفاظ بھی ایسے ہی کامل ہیں کہ پورے پورے مفہوم کو ادا کرتے ہیں۔ سیاست اصل میں عربی میں ایسے انتظام کو کہتے ہیں جس کے ماتحت نہ تو کسی کو بالکل آزاد چھوڑا جائے اور نہ اس زور اور سختی سے کام لیا جائے کہ جس سے اس کے تمام اعضاء تھک کر رہ جائیں۔چنانچہ گھوڑا سکھانے والے کو سائیس کہتے ہیں۔ا گرچہ ہمارے ہاں سائیس اُس کو کہتے ہیں جو گھوڑے کے لئے گھاس پانی وغیرہ کا خیال رکھے۔ اصل میں یہ لفظ سائیس عربی لفظ سائسکا بگڑا ہوا ہے۔ عربی میں محاورہ ہے۔ سَائِسُ الدَّوَّابِ یعنی جانوروں سے اتنا کام لینے والا جو نہ کم ہو نہ زیادہ۔ بعض لوگ گھوڑے خریدتے ہیں اور ان سے کوئی کام نہیں لیتے اس لئے وہ کھڑے کھڑے بے حد موٹے ہو جاتے ہیں اور بعض اتنا کام لیتے ہیں جس سے ان کے پٹھے گل کر ان کی زندگی ختم ہو جاتی ہے۔ ایسے لوگوں کو سائس الدواب نہیں کہہ سکتے۔ تو جو آدمی افراط یا تفریط سے کام لیتا ہے وہ سیاسی آدمی نہیں کہلا سکتا۔ مسلمانوں کی سلطنتوں میں ان کی رعایا سست پڑی رہتی ہے۔ لوگوں سے خاطر خواہ کام نہیںلیا جاتا اورنہ ان سے خدمات پورے طور پر ادا کرائی جاتی ہیں اِس کا نتیجہ یہ ہوتا ہے کہ وہ ترقی کے میدان میں بہت پیچھے ہیں اور یہ ایسی ہی بات ہے کہ جیسے گھوڑے سے کام نہ لیا جائے اور وہ گھوڑا موٹا ہوتا رہے۔ حتی کہ کام دینے کے بالکل قابل نہ رہے۔ مسلمانوں کے مقابلہ میں زیادہ کام لینے والا یورپ میں نپولین ہوا ہے۔ اس نے اپنی قوم سے ایسا کام لیا اور اِس کثرت سے لیا کہ وہ ٹکڑے ٹکڑے ہو گئی اور بعد میں ایک عرصہ تک کے لئے اپنے دشمنوں کے مقابلہ سے عاجز آگئی۔ پس جہاں آجکل ایسے مسلمان حکمران جو اپنی رعایا سے کام نہیں لیتے وہ سیاست دان نہیں ہیں اسی طرح نپولین جس نے اپنی قوم سے اتنا کام لیا وہ بھی سیاست دان نہیں کہلا سکتا۔
غرض سیاست کے مفہوم میں یہ بات داخل ہے کہ کام اس میانہ روی سے لیا جائے جو نہ زیادہ ہو اور نہ کم۔ اور یہ سیاست صرف حکومت سے ہی تعلق نہیں رکھتی بلکہ ہر ایک تاجر کی ایک الگ سیاست ہے اور ہر ایک پیشہ ور کی الگ۔
تاجر کی سیاست تو یہ ہے کہ وہ باہر سے مال نہ اِس بے احتیاطی اور کثرت سے خریدے کہ اس کی دکان میں ہی پڑا خراب ہوتا رہے اور نہ اتنا کم لائے کہ لوگوں کی ضروریات بھی پوری نہ ہوں بلکہ وہ ضروریات کو دیکھتا ہوا کسی چیز کی خریداری پر ہاتھ ڈالے تاکہ نہ ا س کو ایک لمبے عرصہ تک خریداروں کا انتظار کرنا پڑے اور نہ یہ ہوکہ اس کے ہاں سے مال ہی نہ ملے۔
اِسی طرح پیشہ ور کی سیاست یہ ہے کہ نہ تو اشیاء کے تیار کرنے میں اتنی دیر لگائے جس سے مانگ کا وقت گزر جائے اور نہ اتنا پہلے کہ ابھی مانگ کا موقع ہی نہ آئے اور وہ اشیاء کے تیار کرنے میں مصروف رہے۔ اِسی طرح پر گھر کی بھی ایک سیاست ہے۔ چنانچہ باپ کے متعلق اولاد ہے خاوند کے متعلق بیوی ہے اسے چاہئے کہ نہ تو وہ ان کو اس طرح چھوڑ دے کہ وہ کسی کام کے ہی نہ رہیں اور نہ ان سے اتنا کام لے کہ وہ چور ہو جائیں۔ مثلاً بچوں کو پڑھنے پر اتنا مجبور کرے جس سے اُن کے دماغ کند ہو جائیں اور وہ آئندہ علمی ترقی سے محروم رہ جائیں۔ گھر سے بڑھ کر جماعتوں میں سیاست چلی جاتی ہے جہاں ہر ایک شخص کے سپرد کچھ کام ہوتے ہیں اور ہر ایک اپنے فرائض منصبی کا ذمہ دار ہوتا ہے۔ لیکن اگر کوئی شخص اپنے فرائض سے قطع نظر کرکے دوسرے کے فرائض میں دخل دے تو یہ سیاست کے خلاف ہو گا۔
سیاست کے متعلق کچھ قواعد بھی ہیں اور ان کی نگہداشت نہایت ضروری ہے لیکن اگران کو مدنظر نہ رکھا جائے تو پھر سیاست یا انتظام میں خرابی عظیم واقع ہو جاتی ہے۔
سیاست کا سب سے بڑا قاعدہ یہ ہے کہ جس کے ہاتھ میں کوئی کام ہو دوسرے لوگ اس میں دخل نہ دیں۔ مثلاً ایک گھوڑے کے لئے ایک سائیس رکھا گیا ہے۔ لیکن ایک اَور آدمی یہ خیال کرکے کہ ممکن ہے سائیس نے دانہ نہ دیا ہو دانہ دے دے حالانکہ پہلے دانہ دیا جا چکا ہو تو اس کا دانہ کھلانا کیسا بُرا ہوا۔ یا مثلاً ایک عورت سالن پکارہی ہو اور مرد اس خیال سے کہ ممکن ہے نمک نہ ڈالا گیا ہو خود نمک ڈال دے تو وہ ہنڈیا یقینا خراب ہو گی۔ تو اِس طرح جانور کو دانہ کھلانے اور ہنڈیا میں نمک ڈالنے کا نتیجہ یہ ہوگا کہ ہنڈیا خراب اور جانور بیمار ہو جائے گا۔
غرض سیاست کا سب سے بڑا اصل یہی ہے کہ کوئی کام جس کے سپرد ہودوسرا اُس میں دخل نہ دے اور اگر دوسرے لوگ دخل دیں گے تو نتیجہ ہمیشہ خراب نکلے گا۔
قرآن کریم میں آیا ہے ۔
فرمایا کہ اگر یہ لوگ سیاست دان ہوتے تو وہ باتیں جو خواہ امن سے تعلق رکھتی ہوں یا خوف سے غیر اہل لوگوں کے پاس نہ پھیلاتے بلکہ اللہ کے رسول یا ان لوگوں کے پاس جاتے جن کے سپرد یہ کا م کیا گیا ہے پھر وہ فیصلہ کرتے۔ دوسرے لوگوں کا یہ کام ہے کہ خواہ کسی قسم کی بات ہو وہ ان تک پہنچا دیں اور ان کو واقف کر دیں جن کے سپرد یہ کام ہو۔ پھر جوا ُن کی سمجھ میں آئے وہ فیصلہ کردیں یہ نہیں کہ انہیں اطلاع ہی نہ دی جائے اور خودبخود کسی بات کا فیصلہ کرلیا جائے۔
یہ حکم تمام کاموں میں چلتا ہے۔ پھر ایک گھر سے لے کر بڑی بڑی حکومت تک اور ایک میاں بیوی سے لے کر ایک جماعت تک ۔اورجو شخص اس کے خلاف کرتا ہے وہ کبھی کامیاب نہیں ہوتا۔
ہماری جماعت خدا کے فضل سے ایک بڑی جماعت ہے اور اس میں بھی ایک سیاست ہے۔ حکومت کی بھی ایک سیاست ہے جو دُنیوی امور سے تعلق رکھتی ہے لیکن ہماری سیاست دینی سیاست ہے اور جس طرح دنیوی سیاست کے خلاف عمل کرنا بُرے نتائج پیدا کرتا ہے اسی طرح دینی سیاست کے خلاف عمل کرنا بھی نہایت ہی خطرناک نتائج پیدا کرتا ہے۔
حکومت کی سیاست کا یہ منشاء ہوتا ہے کہ تمام جسمانی طاقتوں کو باضابطہ ایک قاعدہ اور قانون کے ماتحت چلائے اور دینی سیاست کا یہ ہوتا ہے کہ روحانی طاقتیں بھی تمام کی تمام ایک نظام کے ماتحت ہوں۔ پس جس طرح حکومت کی سیاست کے ماتحت جسمانی قویٰ سے عمدہ اور مفید نتیجہ پیدا کرنے کے لئے کوشش کی جاتی ہے۔ اسی طرح روحانی طاقتوں سے بھی عمدہ نتائج پیدا کئے جاتے ہیں۔
لیکن اگر ہر ایک شخص سیاست حکومت میں دخل دے تو اس کا نتیجہ نہایت خراب نکلتا ہے۔ مثلاً اگر ایک شخص کسی کو قتل کردے اور مقتول کا رشتہ دار قاتل کو قتل کر دے تو اسے گرفتار کر لیا جائے گا اور اس پر مقدمہ چلا یا جائے گا۔ اگرچہ گورنمنٹ بھی قاتل کو قتل ہی کرتی مگر چونکہ اِس شخص نے سیاست کو اپنے ہاتھ میں لیا ہے اِس لئے گورنمنٹ اس شخص کو نہیں چھوڑے گی اور ضرور سزادے دی ۔اس کا کوئی حق نہ تھا کہ قال کو قتل کرتا بلکہ اس کا فرض یہ تھا کہ اصحابِ سیاست کے پاس جاتا اور تحقیقات کے بعد حکومت خواہ اس سے بھی سخت سزا دیتی جو اُس نے دی یا مثلاً کسی شخص نے کسی سے کچھ روپیہ لینا ہو اور مقروض دینے سے انکار کرے تو لینے والے کا یہ حق نہیں ہے کہ اس سے چھین لے بلکہ اس کا فرض یہ ہے کہ حکومت تک اس بات کو پہنچا دے۔
یہی بات دینی معاملات میں ہے۔ اگر کوئی شخص جماعت کے کسی آدمی کا خلافِ آئین و شریعت کوئی فعل دیکھے تو اُس کا یہ حق نہیں ہے کہ خود ہی اُس کے لئے کوئی سزا تجویز کرے بلکہ اس کا یہ فرض ہے کہ وہ اُس بات کو اُن لوگوں تک پہنچا دے جو ذمہ دار ہیں یا جو دینی امور کو سرا انجام دے رہے ہوں۔
میں اپنی جماعت کے لوگوں کو تنبیہ کرتاہوں کہ وہ ہرگز دوسروں کے کاموں میں دخل نہ دیا کریں اورجو کام جس کے سپرد ہو اُس کو کرنے دیا کریں۔ ہاں اگر وہ کوئی نا درست بات دیکھیں توان کا فرض ہے کہ ہم تک اس کو پہنچائیں۔ بہت دفعہ ایسا ہوتا ہے کہ جماعت کے لوگوں میں کوئی شخص حضرت مسیح موعودؑ کے کسی حکم کے خلاف کوئی بات کرتا ہے تو دوسرے لوگ اس کو جماعت سے خودبخود الگ کر دیتے ہیںا یسا نہیں ہونا چاہئے۔ا ن کا فرض تو یہ ہے کہ ہمیں اطلاع دیں پھر ہم تحقیقات کریں گے اور جس طرح مناسب ہو گا کیا جائے گا۔ کئی لوگ ایسے ہوتے ہیں جو کسی فعل کے بعد سچے دل سے تائب ہو جاتے ہیں لیکن جب وہ جماعت کے لوگوں کا اپنے ساتھ یہ سلوک دیکھتے ہیں تو سمجھ لینا چاہئے کہ ان کے دل کی کیا حالت ہوتی ہو گی۔ بعض دفعہ بالکل معمولی بات ہوتی ہے مگر ذاتی کاوشوں اور رنجشوں کی وجہ سے وہاں کے لوگ اُس کو جماعت سے یا امامت سے الگ کر دینا چاہتے ہیں اور جب تحقیقات کی جاتی ہیں تو وہ بات اتنی سخت معلوم نہیں ہوتی جس قدر کہ ظاہر کی جاتی ہے۔ اس میں کیا شک ہے کہ اختلاف آپس میں ہوتا ہے اور کونسی ایسی بات ہے جس میں اختلاف نہ ہو مگر وہاںتک ہونا چاہئے جہاں تک ذاتی عِناد تک نوبت نہ پہنچے۔
دیکھو! دُنیوی قانون جو کہ نہایت تنگ اور محدوو ہے جب اِس کو بھی کوئی شخص خود بخود اپنے ہاتھ میں لے کر سزا سے نہیں بچ سکتا تو شریعت کا قانون جس پر اجتہاد بھی کیاجا سکتا ہے اس کو کوئی ہاتھ میں لے کر کیسے سزا سے بچ سکتا ہے۔
شریعت میں ایک حنفی کہلاتے ہیں اور ایک حنبلی ہیں۔ا گر ان میں ایک دوسرے کے اخراج کا سلسلہ چلے تو پھر کیسی خرابی لازم آتی ہے۔گو اصول میں اختلاف نہیں ہوتا۔ مثلاً قانون ہے کہ جو شخص کسی کو قتل کرے اُس کو قتل کر دیا جائے۔ مگر قاتل کو کون قتل کر سکتا ہے؟ وہی جس کے ہاتھ میں قدرت نے سیاست دی ہے لیکن اگر مقتول کے رشتہ دار قاتل کو قتل کرنا چاہیں تو یہ ان کا سیاست میں دخل دینا ہو گا جس کے بُرے نتیجہ سے وہ لوگ بچ نہیں سکتے۔
لیکن اِس سے بھی زیادہ ضروری دینی معاملات ہیں۔اِ ن میں ہر شخص اگر خود بخود فتویٰ دینے لگے تو جماعت میں ایک فتنہ عظیم برپا ہو سکتا ہے۔ یہاں پر زیادہ احتیاط کی ضرورت ہے اور ذرا سی بے احتیاطی سے انسان گنہگار ہو جاتا ہے۔ جب انسان حکومت کی سیاست میں دخل دے کر سزا سے بچ نہیں سکتا تو دینی سیاست میں دخل دے کر کوئی شخص کیسے بچ سکتا ہے۔ حکومت کی سیاست میں جب کوئی شخص کسی بات کو قانون کے خلاف پاتا ہے تو ان تک پہنچا دیتا ہے جن کے سپرد حکومت نے اس کا فیصلہ کرنا کیا ہوتا ہے۔ ایسا ہی دینی امور میں بھی ہونا چاہئے اور خلافت کی ضرورت بھی یہی ہے کہ جماعت کا ایک منتظم ہو اور ہر دینی امر کو دیکھ کر فیصلہ کرے نہ کہ ہر شخص کو یہ اختیار ہے کہ خود ہی فیصلہ کر نے بیٹھ جائے۔
بعض لوگ ایسے ہیں کہ جب وہ دیکھتے ہیں کہ کسی شخص سے حضرت مسیح موعودؑ کے حکم کے خلاف ہوا۔ مثلاً کسی نے اپنی لڑکی غیر احمدی کو دے دی تو وہ فوراً اس کا بائیکاٹ کر دیتے ہیں لیکن ان کا یہ حق نہیں کہ خود بخود اُس کا بائیکاٹ کریں۔ ان کو چاہئے کہ ہم تک معاملہ پہنچائیں۔ پھر ہم دیکھیں گے کہ وہ مجرم ہے یا نہیں؟ اور اگر ہے تو اس نے کن اسباب کے ماتحت ایسا کیا ہے۔ آیا بے علمی سے اس سے یہ کام ہو گیا یا کوئی اَور وجہ ہے۔ پس آپ لوگوں کا فرض ہے کہ جب کوئی ایسی بات دیکھیں تو بجائے اِس کے کہ خود بخود فیصلہ کرلیں کہ اُس کے پیچھے نماز نہ پڑھیں۔ یااُس کو احمدی نہ سمجھیں ہمیں اطلاع دیںاور جب تک یہاں سے کوئی فیصلہ نہ ہو اُس وقت تک خود ہی کوئی فیصلہ نہ کریں کیونکہ اس سے فساد بڑھتا ہے۔
دیکھو میں نے مثال دی ہے کہ اگر کوئی کسی کو قتل کر دے تو قانوناً اگرچہ قاتل قتل کیا جانا چاہئے مگر مقتول کے رشتہ داروں کو یہ حق نہیں کہ فوراً اُس کو قتل کر دیں۔ ہاں وہ حکومت تک پہنچا دیں حکومت جو سزا چاہے تجویز کرے۔ اِسی طرح ہماری جماعت کے لوگوں کو چاہئے کہ وہ اگر اپنی جماعت کے سیکرٹری یا پریذیڈنٹ یا امام یا کسی اَور فرد کی کسی بات کو حضرت مسیح موعودؑ کے حکم کے خلاف دیکھیں تو یہ نہ ہو کہ اس کا جھٹ بائیکاٹ کردیں بلکہ ان کو چاہئے کہ ہم تک پہنچا دیں آگے ہم خود فیصلہ کریں گے۔
غیر احمدی کو لڑکی دینا۔ اس میں شک نہیں کہ حضرت مسیح موعودؑ نے اِس کو سخت ناپسند کیا ہے لیکن اگر کوئی ایسا کرتا ہے تو جماعت کے لوگ خود بخود اُس سے الگ نہ ہوں بلکہ ان کو چاہئے کہ وہ یہاں لکھ بھیجیں۔ اگر خود بخود ایسا کریں تو یقینی بات ہے کہ وہاں کی جماعت کے دو ٹکڑے ہو جائیں گے۔ کچھ بائیکاٹ کرنے والوں کے ساتھ ہوں گے اور کچھ اُس شخص کے ساتھ جس کو الگ کیا جائے گا۔ اس طرح بہت فتنہ ہوتا ہے اس میں نہایت احتیاط کی ضرورت ہے۔ یہاں سے کسی کے متعلق جوفیصلہ ہو اُس پر عمل کیا جائے اور خود بخود کوئی فیصلہ نہ کر لیا جائے۔ا گر اِس طرح کھلا چھوڑ دیا جائے تو جماعت ٹکڑے ہو جائے۔پس میں خاص طور پر اپنی جماعت کے لوگوں کو تنبیہہ کرتا ہوں کہ وہ اپنے اس قسم کے فتوئوں کو روکیں کہ فلانا احمدی نہیں رہا اور جماعت سے الگ ہو گیا۔ اب اس کے پیچھے نماز نہیں پڑھنی چاہئے جومعاملہ ہو وہ ہم تک پہنچائیں۔ خود بخود فتویٰ دینا فتنہ کو بڑھاتا ہے۔اللہ تعالیٰ قرآن کریم میں فرماتا ہے۔ ۳؎ کہ جو لوگ کہ مومن مردوں اور عورتوں کو فتنہ میں ڈالتے ہیں اورپھر توبہ نہیں کرتے ان کے لئے دوزخ کا اور جلا دینے والا عذاب ہے۔
پس جس طرح کسی کا یہ حق نہیں کہ قاتل کو قتل کرے بلکہ سیاست و حکومت کے سپرد کرے اِس طرح آپ لوگوں کا بھی فرض ہے جس کسی سے کوئی کمزوری صادر ہو اُ س کی اطلاع ہمیں دو۔ تاکہ اُس کا علاج کیا جائے اور خود بخود کوئی فیصلہ نہ کرو۔
اللہ تعالیٰ ہماری جماعت کو اپنے فرائض کے سمجھنے کی توفیق دے اور ہماری جماعت سے ان امور کواُٹھا دے جو فتنہ کا موجب ہوں اور ان پر قائم کرے جو اتحاد کا موجب ہیں۔‘‘ آمین
(الفضل ۳۰؍ فروری ۱۹۱۷ئ)
۱؎ النساء : ۸۴
۲؎ بخاری کتاب الاستقراض باب العبدراعٍ فی مال سیدہٖ
۳؎ البروج :۱۱
۴۷
مولوی محمد احسن صاحب کی خلاف بیانی
(فرمودہ ۹؍ فروری ۱۹۱۷ئ)
تشہد ، تعوذ اور سورہ فاتحہ کے بعد حضور نے مندرجہ ذیل آیت کی تلاوت کی:۔
۱؎
فرمایا: ۔
’’ا نسان کی حالت کچھ ایسی نازک اور کمزور ہے کہ ایک ذرا سی ٹھوکر سے اس کی کل ٹوٹ جاتی ہے۔رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے زمانہ میں ایک شخص بڑے جوش اور زور کے ساتھ مسلمانوں کی طرف سے کفار کے ساتھ لڑا اور ایسے زور سے لڑا کہ مسلمان اُس پر رشک کرنے لگے اور ا ُس کو دیکھ کر حیران رہ گئے مگر رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے صحابہ کو اُس کے متعلق فرمایا کہ اگر کسی شخص نے اِس دنیا میں چلتا پھرتا دوزخی دیکھنا ہو تو اس کو دیکھ لے۔ اس بات سے صحابہ کو بہت حیرت ہوئی کہ یہ تو بہت مخلص اور جوشیلا معلوم ہوتا ہے اور جنگ میں خطرناک سے خطرناک جگہ پہنچ کر حملہ کرتا ہے۔ پھر اس نے اِس بہادری اور دلیری سے کفار کو قتل کیا کہ باوجود اس کے کہ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے اُس کو دوزخی قرار دیا تھا بے اختیار صحابہ کے منہ سے یہ نکلنا کہ اللہ تعالیٰ اِس کو جزائے خیر دے اور قریب تھا کہ بعض نئے اسلام لانے والے ٹھوکر کھا جاتے کہ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے بِلاوجہ اس کو دوزخی کہا ہے کہ اُس وقت ایک صحابی اُٹھے اور قسم کھائی کہ جب تک میں اس شخص کا انجام نہ دیکھ لوں اس کا پیچھا نہ چھوڑوں گا۔ یہ کہہ کر وہ اس کے پیچھے ہو گئے اور اُسے دیکھتے رہے۔ لڑائی میں اسے بہت سے زخم لگے حتی کہ زخموں کی وجہ سے وہ گر گیا۔ شدتِ درد کے وقت لوگ اُس کے پاس آتے اور کہتے کہ تجھے جنت کی بشارت ہو! لیکن وہ کہتا مجھے جنت کی بشارت نہ دو بلکہ دوزخ کی دو۔ تم تو مجھے جنت کی بشارت اس لئے دیتے ہو کہ میں بڑی بہادری سے لڑا ہوں اور خطرناک سے خطرناک جگہ پر حملہ کرتا رہا ہوں لیکن تمہیں یہ معلوم نہیں ہے کہ میں کس نیت سے لڑ رہا تھا۔ میرے لڑنے کی یہ غرض نہ تھی کہ اسلام کی تائید اور مدد کے لئے لڑوں یا آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی حفاظت کروں یا اسلام کے مخالفین کو تہہ تیغ کروں بلکہ میں اِس لئے لڑتا رہا ہوں کہ میری اس قوم سے ایک پرانی ذاتی عداوت تھی جس کے نکالنے کا آج مجھے موقع ملا تھا اس لئے میں لڑا ہوں۔
تھوڑی دیر بعد جو اسے زخموں کی سخت تکلیف ہوئی اور اس شدت سے ہوئی کہ وہ برداشت نہ کر سکا تو اس نے زمین پر برچھا گاڑ کر اس پر پیٹ رکھ کر خود کشی کر لی اور ہلاک ہو گیا۔ اسلام نے چونکہ خود کشی کو حرام قرا ر دیا ہے اور وہ اس کا مرتکب ہوا اِس لئے آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی بات درست ثابت ہوگئی کہ وہ دوزخی تھا۔ وہ صحابی جو اس کا انجام دیکھنے کے لئے اس کے ساتھ تھا یہ دیکھ کر آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس آیا۔ آپ اُس وقت مجلس میں تشریف رکھتے تھے۔ اُس نے دُور سے ہی کہا۔ اَشْھَدُ اَنْ لاَّ اِلٰہَ اِلَّا اللّٰہُ وَاَشْھَدُ اَنَّ مُحَمَّدًا عَبْدُہٗ وَرَسُوْلُہٗ۔ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا تم نے کیوں کہا ہے؟ اُس نے جواب دیا۔ یَارَسُوْلَ اللّٰہِ! جس شخص کی نسبت آپ نے فرمایا تھا کہ دوزخی ہے۔ اس کے متعلق میں نے دیکھا کہ اُس کی بہادری اور جرأت کی وجہ سے بعض لوگوں کے دلوں میں ایک وسوسہ پیدا ہو رہا تھا اور وہ سمجھنے لگے تھے کہ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے یونہی اس کے متعلق فرمادیا ہے اُس وقت میں نے قسم کھائی کہ جب تک اس کا انجام نہ دیکھ لو ں اس کا پیچھا نہ چھوڑوں گا۔ اب وہ خود کشی کر کے مر گیا ہے اور میں حضور کو یہ سنانے آیا ہوں کہ حضور کی یہ بات درست نکلی۔ یہ سن کر آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے بھی فرمایا۔ اَشْھَدُ اَنْ لاَّ اِلٰہَ اِلَّا اللّٰہُ وَاَشْھَدُ اَنَّ مُحَمَّدًا عَبْدُہٗ وَرَسُوْلُہٗ ۲؎
پھر آپ نے فرمایا کہ اِس بات کو خوب یاد رکھو کہ ایک شخص دوزخیوں کے عمل کرتا ہے مگر اُس کے قلب میں کوئی ایسی نیکی ہوتی ہے جو اُسے انجام کا رجنت میں لے جاتی ہے اور ایک شخص جنتیوں کے کام کرتا ہے مگر جب اُس کی موت قریب آتی ہے تو اس کے دل میں کوئی ایسی بُرائی ہوتی ہے جو اسے کھینچ کر دوزخ میں لے جاتی ہے۔ ۳؎ یعنی پہلا شخص موت کے قریب جنتیوں کے کام کرنے لگ جاتا ہے اور دوسرا دوزخیوں کے۔ اس لئے پہلے کا خاتمہ باوجود ساری عمر دوزخیوں کے کام کرنے کے جنتیوں کی طرح ہوتا ہے اور دوسرے کا باوجود ساری عمر جنتیوں کے کام کرنے کے خاتمہ دوزخیوں کی طرح ہوتا ہے کیونکہ وہ دوزخیوں کے کام کرنے لگ جاتا ہے۔
یہ واقعہ سورہ فاتحہ کی تفسیر ہے۔ اِس سورۃ میں خدا تعالیٰ اپنے بندوں کو یہ دعا سکھلاتا ہے کہ
۴؎ اے ہمارے خدا !ہمیں جنت کا رستہ دکھائیے۔ مگر رستہ ایسا نہ ہو کہ عین اُس کے سرے پر پہنچ کر ہمیں پھر پیچھے کھینچ لیا جائے اور دوزخ کے رستہ پر ڈال دیا جائے۔
پس یہ بڑی عبرت کامقام ہے کہ ایک شخص تمام عمر دوزخیوں کے سے کام کرتا ہے مگر چونکہ اس کے دل میں خدا تعالیٰ یا اس کے دین کی محبت نہایت مضبوطی سے گڑی ہوتی ہے اور اس کا ایمان ایسا مضبوط ہوتا ہے کہ اُس کا عارضی طور پر بھٹکنا دور ہو کر وہ یک لخت جنت کی طرف چل پڑتا ہے مگر ایک ایسا انسان ہوتا ہے کہ وہ جنت کے بالکل قریب پہنچ چکا ہوتا ہے مگر چونکہ اس کے دل میں کوئی ایسی بُرائی اور بدی ہوتی ہے جو آخر کار غالب آجاتی ہے اس لئے وہ جنت کی طرف سے کھینچا جاتا اور دوزخ کی طرف دھکیل دیا جاتا ہے۔
اِس قسم کی بہت سے نظریں ملتی ہیں کہ بعض انسان جو جنت کے قریب تھے وہ دور ہو گئے اور جو دور تھے وہ قریب ۵؎ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کا کاتب وحی مرتد ہو گیا ۶؎ اور طلحہ بن خویلد مدعی نبوت مرنے سے کچھ ہی عرصہ پہلے مسلمان ہو گیا حالانکہ اُس کی نسبت فتویٰ لگ چکا تھا کہ اسے قتل کر دیا جائے۔ چنانچہ جب وہ ایمان لایا تو صحابہ میں اس کے متعلق اختلاف ہوا کہ اسے قتل کرنا چاہئے یا نہ؟ لیکن ایک عجیب طریق سے وہ اِس سزا سے بچ گیا اور وہ اس طرح کہ ایک صحابی شرجیل بن حسنہ کہ وہ بھی آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کے کاتب تھے ایک جنگ میں لڑ رہے تھے۔ یوںوہ بڑے بہادر اور دلیر سپاہی تھے مگر چونکہ روزے کثرت سے رکھتے تھے اس لئے اُن کا جسم کمزور تھا اُن سے ایک عیسائی مقابلہ کر رہا تھا۔ جب اُس نے دیکھا کہ میں تلوار سے مقابلہ کرنے میں کامیاب نہیں ہوسکتا تو اُس نے آپ کا گریبان پکڑ کر آپ کو گرا لیااور چھاتی پر بیٹھ کر انہیں قتل کرنے لگا کہ اُسی کے لشکر سے ایک شخص نکلا اور اُ س نے آکر اُس کی گردن کاٹ دی اور شرجیل کو آزاد کر دیا۔ اُس وقت اس شخص نے اپنا منہ لپیٹا ہوا تھا۔ شرجیل نے پوچھا تم کون ہو؟ اُس نے کہا میں نے اپنے آپ کو پوشیدہ رکھنے کے لئے ایساکیا ہے کیونکہ میںایک سخت گناہ کامرتکب ہو چکا ہوں اس کی سزا میں تخفیف ہونے کے خیال سے میں نے اِس عیسائی کو قتل کیا ہے اس لئے میں اپنا نام نہیں بتائوں گا۔لیکن شرجیل نے جب بہت اصرار کیا تو اس نے بتایا کہ میں وہ مدعی نبوت طلحہ بن خویلد ہوں جس کے قتل کرنے کا فتویٰ مل چکاہے اور اب میں اِس دعویٰ سے توبہ کر چکا ہوں میں چونکہ جانتا ہوں کہ میرا جرم بہت بڑا ہے اور اس کی معافی کی کوئی صورت نہیں ہے اور نہ میں مسلمان ہو سکتا ہوں اس لئے میں اپنے آپ کو پوشیدہ ہی رکھنا چاہتا ہوں۔ اُس کی یہ بات سن کر شرجیلؓ اسے اپنے ساتھ ابوعبیدہؓ کے پاس لے گئے اور تمام سرگذشت سنائی۔ اُنہوں نے کہا کہ میں خود تو اس کے متعلق کچھ نہیں کر سکتا البتہ حضرت عمرؓ کی خدمت میں سفارش کے طور پر ایک رُقعہ لکھ دیتا ہوں آگے اُن کی مرضی جس طرح چاہیں کریں۔ ابوعبیدہؓ نے یہ رُقعہ لکھ کر دیا کہ میں جانتا ہوں کہ اس شخص کا جرم بہت بڑا ہے اور شاید میرے رُقعہ لکھنے کی وجہ سے آپ ناراض بھی ہوں لیکن اس کے شرجیل کو بچانے کی وجہ سے جو رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کا کاتب ہے سفارش کی جرأت کرتا ہوں کہ اسے معاف کیا جائے۔جب یہ خط حضرت عمررضی اللہ عنہ کو پہنچا تو اُنہوں نے فرمایا کہ چونکہ تمہیں ابوعبیدہؓ نے معاف کر دیا ہے اس لئے میں بھی معاف کرتا ہوں۔لیکن اگر وہ معاف کرنے سے پہلے مجھ سے پوچھتے تو میں کبھی معاف نہ کرتا۔ اچھا اب تم اس طرح کرو کہ ہر وقت جنگ میں لگے رہو ۔اُس نے اس بات کو منظور کر لیا۔ ۷؎
تو اس کا ایسا سنگین جرم تھاکہ اس کے متعلق قتل کا فتویٰ دیاجا چکا تھا اور باوجود اس کے کہ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے کاتب کو اس نے بچا یا تھا پھر بھی حضرت عمرؓ اس کو معاف کرنے پر تیار نہ تھے مگر وہ ہدایت پاگیا اور اللہ تعالیٰ کے فضل نے اسے نجات دلا دی ۔ کیوں؟ اس لئے کہ اُس کے دل میں کوئی ایسی نیکی تھی جس نے ایسے سامان پیدا کر دئیے کہ حضرت عمرؓ کو بھی آخر معاف کرنا پڑا اور اس کا انجام نیکی پر ہوا۔
تو خدا تعالیٰ کی طرف سے ایسے حالات پیدا ہو جاتے ہیں کہ انجام کوا چھایا بُرا کر دیتے ہیں اور کوئی اندرونی نیکی ہوتی ہے جس کی وجہ سے انجام نیکی پر ہوتا ہے اور کوئی اندرونی بدی ہوتی ہے جس کی وجہ سے انجام بدی پر ہوتا ہے۔ اِس سے معلوم ہوتا ہے کہ انسان کی حالت بڑی نازک اور کمزور ہوتی ہے اور اس کی کسی ایک حالت میں کچھ اعتبار نہیں کیا جا سکتا۔ قابل اعتبار وہی حالت ہے جس پر موت واقعہ ہو۔ اگر کوئی شخص مرنے کے وقت مسلم ہے تو اس کی باقی ساری عمر اگر کفر کی حالت میں بھی گزری ہو تو بھی کوئی حرج نہیں ۔اور اگر مرنے کے وقت کافر ہے تو اس کی ساری عمر مسلمان رہنا اسے کوئی فائدہ نہیں دے گا۔ یہی وجہ ہے کہ حضرت ابراہیم علیہ السلام اور حضرت یعقوب علیہ السلام نے اپنے بیٹوں کو یہ وصیت کی ہے کہ ۸؎ کہ تمہاری موت اسلام پر ہونی چاہئے۔ تو معاملات کی خوبی یا برائی انجام پر معلوم ہوتی ہے درمیانی حالت پر کچھ نہیں کیا جا سکتا۔
میں نے یہ تمہید کیوں بیان کی ہے؟ اس کی وجہ یہ ہے کہ ایک تازہ ایسی بات پیدا ہوئی ہے جس کے متعلق یہ تمہید بیان کرنے کی تحریک ہوئی ہے اور وہ یہ کہ پرسوں مجھے ایک ٹریکٹ رجسٹری ملا ہے۔ جب میں نے ا س کو کھولا تو معلوم ہوا کہ وہ مولوی محمد احسن صاحب کا مضمون ہے۔ میں نے ان کو سالانہ جلسہ سے چندہی دن پہلے ایک خط لکھا تھا کہ :۔
’’مختلف دوستوں کے خطوط اور اخبارات سے معلوم ہوا ہے کہ آپ چند روز کے لئے لاہور تشریف لائے ہوئے ہیں۔ افسوس ہے کہ آپ قادیان تشریف نہ لائے حالانکہ اگر آپ تشریف لاتے تو پالکی وغیرہ سواری کا انتظام کیا جا سکتا تھاجس سے آپ کو ہر گز تکلیف نہ ہوتی۔‘‘
پھر یہ بھی لکھا تھا کہ :۔
’’اگر آپ چاہیں تو لاہور میں ہی دوسری جگہ آپ کی رہائش کا انتظام کر سکتے ہیں اور اگر آپ چاہیں تو آپ کے قادیان لانے کے لئے بھی ہر طرح کے آرام کا انتظام کیا جا سکتا ہے۔ مجھے خداوند تعالیٰ نے محبت کرنے والا دل دیا ہے۔ میں نے جو تعلق بنایا ہو اُسے توڑنے کا عادی نہیں ۔ ہاں دوسرے کی طرف سے ابتدا ہو تو الگ بات ہے۔ پس میں تو ہر طرح آپ سے محبت کا معاملہ ہی کروں گا اِلاَّ مَاشَائَ اللّٰہُ اور میری طرف سے ابتدا ء نہ ہو گی۔ ہاں اگر جماعت کو ابتلاء میں ڈالا گیا تو جس کام پر خدا تعالیٰ نے مجھے کھڑا کیا ہے ا س کے پورا کرنے کے لئے کسی اَور تعلق کی پرواہ نہیں کرتا۔ خواہ مجھے کیسا ہی پیارا رشتہ کیوں نہ توڑنا پڑے مجھے ا س کی پرواہ نہیں۔‘‘
اِس خط کے جواب میں اُنہوں نے یہ مضمون لکھا ہے کہ مجھے پہلے بھی بتایا گیا تھا کہ مولوی صاحب نے اپنے بعض مضامین میں ہمارے متعلق ایک عجیب بات لکھی ہے لیکن میں نے خود نہیں پڑھی تھی۔ اِس مضمون کو جو میں نے پڑھا تو اِس میں بھی وہ بات لکھی ہوئی پائی مجھے حیرت ہوئی تھی کہ وہ کس طرح ہماری طرف وہ بات منسوب کرتے ہوں گے۔ مگر اِس مضمون میں تو خود دیکھ لیا ہے۔ وہ میرے متعلق لکھتے ہیں کہ :۔
’’آپ اپنی خلافت کو سیاسی خلافت ہی اعتقاد کر رہے ہیں۔ جب ہی تو آپ نے انوارِ خلافت میں جو تاریخ خلیفہ ثالث و رابع کی بہ نسبت خوارج لکھی ہے اُس کو اپنی خلافت پر قیاس کیا ہے تو میں آپ کو نصیحت کرتا ہوں کہ آئندہ کبھی اِس کا خیال تک نہ لانا۔ گورنمنٹ عالیہ کے منشاء کے محض خلاف ہے۔‘‘
چونکہ ۱۹۱۵ء کے سالانہ جلسہ پر میں نے جو تقریر کی تھی اور جو انوار خلافت کے نام سے چھپ چکی ہے اُس میں میَں نے بتایا تھا کہ حضرت عثمانؓ کے وقت اس طرح جھگڑے ہوئے تھے ہماری جماعت کو ہوشیاررہنا چاہئے اس لئے مولوی محمد احسن صاحب کے نزدیک میں اپنی خلافت کو سیاسی خلافت اعتقاد کرتا ہوں۔
مجھے یہ پڑھ کر حیرت ہوئی کہ دشمنی اور عداوت انسا ن کو کہاں سے کہاں تک لے جاتی ہے اور حق اور صداقت سے پھرنا کیسی بُری حالت تک پہنچا دیتا ہے۔ یہ وہی مولوی صاحب ہیں جنہوں نے چند ہی مہینہ پہلے مجھے لکھا تھا کہ آپ میری کتاب سے ناراض نہ ہوں پہلے خلفاء کے وقت بھی اختلاف ہوتار ہا ہے۔ پھر آپ ہی اختلاف کی مثالیں بھی دی تھیں کیا اُس وقت مولوی صاحب کو یہ یاد نہ رہا تھا کہ مجھے خلفاء سے وہ مشابہت دے رہے ہیں وہ حکمران تھے پھر اُنہوں نے کیوں ایسا جرم کیا جوبقول ان کے سیاسی خیالات کا پتہ دیتا ہے۔
پھر میں کہتا ہوں۔ا گر مولوی صاحب کی بات درست ہے کہ میں نے انوارِ خلاف میں جو تاریخ خلیفہ ثالث و رابع کی بہ نسبت خوارج لکھی ہے اِس لئے میں اپنی خلافت کو سیاسی خلافت اعتقاد کرتا ہوں۔ تو اُنہیں معلوم ہو جانا چاہئے کہ اِس طرح تو سب سے بڑی اور مضبوط سیاست کی بنیاد حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام نے رکھی ہے۔ کیونکہ آپ الوصیت میں تحریر فرماتے ہیں:۔
’’خد اتعالیٰ دو قسم کی قدرت ظاہر کرتا ہے۔ (۱) خود نبیوں کے ہاتھ سے اپنی قدرت کا ہاتھ دکھاتا ہے (۲) ایسے وقت جب نبی کی وفات کے بعد مشکلات کا سامنا پیدا ہو جاتا ہے اور دشمن زور میں آجاتے ہیں اور خیال کرتے ہیں کہ اب کام بگڑگیا اور یقین کر لیتے ہیں کہ اب یہ جماعت نابود ہو جائے گئی اور خود جماعت کے لوگ بھی تردّد میں پڑجاتے ہیں اور اُن کی کمریں ٹوٹ جاتی ہیں اور کئی بدقسمت مرتد ہونے کی راہیں اختیار کر لیتے ہیں۔ تب خدا تعالیٰ دوسری مرتبہ اپنی زبردست قدرت ظاہر کرتا ہے اور گرتی ہوئی جماعت کو سنبھال لیتا ہے۔ پس وہ جو اخیر تک صبر کرتا ہے خدا تعالیٰ کے اس معجزہ کو دیکھتا ہے۔ جیسا کہ حضرت ابوبکر صدیقؓ کے وقت میں ہوا جبکہ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی موت ایک بے وقت سمجھی گئی اور بہت سے بادیہ نشین نادان مرتد ہو گئے اور صحابہ بھی مارے غم کے دیوانہ کی طرح ہو گئے۔ تب خدا وند تعالیٰ نے حضرت ابو بکر صدیقؓ کو کھڑا کر کے دوبارہ اپنی قدرت کا نمونہ دکھایا۔‘‘
اس کے بعد اپنی جماعت کو فرماتے ہیں:۔
’’سو اے عزیزو! جبکہ قدیم سے سنت اللہ یہی ہے کہ خدا تعالیٰ دو قدرتیں دکھلاتا ہے تا مخالفوں کی دو جھوٹی خوشیوں کو پامال کرکے دکھلا دے۔سوا َب ممکن نہیں ہے کہ خدا تعالیٰ اپنی قدیم سنت کو ترک کر دیوے اِس لئے تم میری اِس بات سے جو میں نے تمہارے پاس بیان کی غمگین مت ہو اور تمہارے دل پریشان نہ ہو جائیں کیونکہ تمہارے لئے دوسری قدرت کا دیکھنا بھی ضروری ہے۔‘‘
اِس سے معلوم ہوتا ہے کہ حضرت مسیح موعودؑ نے اپنے بعد آنے والے خلفاء کوحضرت ابوبکرؓ اور دوسرے خلفاء کی طرح قراردیا ہے اور فرمایا ہے جیسا کہ حضرت ابوبکر صدیق کے وقت میں ہوا ایسا ہی اب بھی ہوگا۔ا ب (نَعُوْذُبِاللّٰہ) مولوی محمد احسن صاحب کو سب سے پہلے حضرت مسیح موعود علیہ السلام کو باغی کہنا چاہئے کیونکہ آپ نے حضرت ابوبکرؓ وغیرہ سے اپنے بعد کے خلفاء کو مشابہت دی ہے۔ اور یہ تو مولوی صاحب کو بھی خود معلوم ہے کہ حضرت ابوبکرؓ نے تلوار سے جماعت کو سنبھالا تھا۔
اِس سے معلوم ہوتا ہے کہ عداوت کی وجہ سے کس طرح عقل ماری جاتی ہے۔ وہ خوش ہوتے اور سمجھتے ہوں گے کہ میرے اِس لکھنے پر پولیس نے قادیان کو گھیر لیا ہوگا اور تلاشی ہو رہی ہو گی۔ قادیان والے سخت مصیبت اور مشکل میں پھنسے ہوئے ہوں گے مگر میں کہتا ہوں کہ اُنہوں نے حضرت عثمانؓ کے زمانہ کے حالات بیان کرنے کی وجہ سے مجھے سیاسی خیالات رکھنے والاکیوں قرار دیا ہے؟ میَں تو کئی بار گورنمنٹ برطانیہ سے اپنی جماعت کی مشابہت بیان کر چکا ہوں۔انہیں تیرہ سَو سال پیچھے جانے کی کیا ضرورت تھی موجودہ گورنمنٹ کے ساتھ مشابہت قرار دینے سے کیوں باغی نہیں کہتے۔
اُنہوںنے شاید اِس معاملہ اور محسن گورنمنٹ کوا ندھی نگری چوپٹ راجا سمجھ لیا ہو گا اور جس طرح خودسیاست سے نابلد اور ناواقف ہیں اِسی طرح گورنمنٹ کو خیال کرتے ہوں گے اور سمجھتے ہوں گے کہ میرے اِس لکھ دینے سے ان کو گورنمنٹ فوراً پکڑ لے گی۔
پھر حضرت مسیح موعود علیہ السلام تو اپنے سلسلہ کی مثال کئی ایسے انبیاء سے دے چکے ہیں جن کی حکومتیں تھیں۔ مثلاً حضرت موسٰی ؑ وغیرہ۔ کیااِس سے کہا جائے گا کہ آپ سیاسی خیالات رکھتے تھے؟
ہمارے متعلق یہ بات کہنے والے کو کم ازکم اپنا مقام تو دیکھ لینا چاہئے تھا۔ا ب شاید میرے اس کہنے کے بعد وہ کچھ دیں تو دیں مگراِس سے پہلے کی نسبت مجھے یقین ہے کہ اُنہوں نے موجودہ جنگ میں گورنمنٹ کی امداد کے لئے ایک پیسہ بھی چندہ نہیں دیا ہو گا۔ مگر اب وہ اپنی طرف سے گورنمنٹ کے خیر خواہ بن کر آگئے ہیں اور ہمیں مشورہ دینے کی تکلیف برداشت کر رہے ہیں۔ حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃوالسلام نے بھی جب مسیح موعود ہونے کادعویٰ کیا تو غیر احمدیوں نے آپ پر الزام لگایا کہ اُنہوں نے وہ مہدی ہونے کا دعویٰ کیا ہے جو دیگر مذاہب والوں سے جنگ کرے گا اور اُن کو نیست ونابود کر کے اپنی حکومت چلائے گا۔ حالانکہ یہ الزام حضرت مسیح موعودؑ پر عائد نہیں ہو سکتا تھاکیونکہ آپ تو کسی ایسے شخص کے آنے کومانتے ہی نہیں تھے۔ ہاں کہنے والوںپر عائد ہوتا تھا کیونکہ وہ ایک ایسے انسان کے منتظر ہیں۔لیکن غیرا حمدیوں نے اپنے خیال میں حضرت مسیح موعودؑ پر یہ ایک ایسا حملہ کیا تھا جس کے متعلق انہیں یقین تھا کہ ضرور نقصان دہ ثابت ہو گا۔ مگر جو کچھ اس کا نتیجہ ہوا وہ سب کومعلوم ہے۔ اسی طرح مولوی محمد احسن صاحب نے اپنے خیال میں ہم پر یہ ایک بڑا حربہ چلایا ہے مگر وہ یاد رکھیںکہ اس سے کچھ نہیں بنے گا۔ ان کی اس قسم کی تحریروں کو پڑھ کر تو کوئی جاہل سے جاہل حاکم بھی دھوکا نہیں کھا سکتا مگر ہمارے حاکم تو بڑے عقلمند اور دانا ہیں۔ وہ مولوی صاحب کے دھوکا میں کس طرح آسکتے ہیں۔میں تو یہ بھی کہہ سکتا ہوں کہ اگر کوئی اندھی نگری چوپٹ راجا بھی ہوتا توبھی ان کے دھوکا میں نہ آتا۔
گورنمنٹ خوب سمجھتی ہے کہ ہماری کیا حیثیت ہے اورا ن کی کیا ۔اور جن کے ساتھ وہ اب جا ملے ہیںا ن کے متعلق بھی گورنمنٹ کو خوب معلوم ہے کہ سیاست سے کیسا اور کہاں تک تعلق رکھتے ہیں۔ خواجہ صاحب باوجود حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے سخت نا پسند فرمانے کے مسلم لیگ میں داخل ہو گئے۔ پھر خواجہ صاحب نے ولایت جا کر وزیر اعظم تک کو دھمکیاں دی اور لکھا کہ اگر ترکوں سے جنگ کی گئی تو ساری دنیا ان کی مدد کے لئے اُٹھ کھڑی ہو گی حالانکہ یہ بالکل غلط تھا۔ چنانچہ اب جبکہ جنگ ہوئی تو بجائے اِس کے کہ ترکوں کی مدد کے لئے کوئی اُٹھتاا ن کے اپنے صوبے ہی ان سے الگ ہو رہے ہیں۔ تو جن لوگوں کے لیڈروں کے ایسے خیالات ہوں ان میں شامل ہو کر ہمارے متعلق یہ الزام لگانا کہ ہم سیاستی خیالات رکھتے ہیں صریح طورپر دھوکا دہی نہیں تو اَور کیا ہے کیونکہ ا س قسم کے خیالات تو ان کے ہیں نہ کہ ہمارے۔
مولوی صاحب خود ہی غور کریں کہ سب سے پہلی بات جس پر اُنہوں نے اظہارِ ناراضگی کیا وہ کیا تھی؟ وہ یہ تھی کہ ابوالکلام کے خلاف الفضل میں کیوں لکھا گیا ہے۔ (اس کے متعلق ہمارے پاس مولوی صاحب کا خط محفوظ ہے۔ا گر وہ چاہیں تو ہم شائع کر سکتے ہیں۔ ایڈیٹر الفضل) اور ابوالکلام وہ شخص ہے جس کو گورنمنٹ نے نظر بند کر رکھا ہے اور جس کے متعلق حال ہی میں اعلان ہوا ہے کہ وہ چونکہ ہز مجسٹی ملک معظم کے دشمنوں سے غدار انہ خط و کتابت کرتا رہا ہے اس لئے اس کے متعلق خاص نگرانی کے احکام نافذ کئے جاتے ہیں۔ ایسے شخص کے متعلق کچھ لکھنے پر ناراض ہونے والے کو اپنے اوپر غور کر لینا چاہئے۔
پھر مولوی صاحب تو کہتے ہیں کہ وہ حدیثیں جن میں حضرت مسیح موعود کا ذکر ہے حضرت مسیح موعودؑ پر اپنے لفظی معنوں کے لحاظ سے چسپاں نہیں ہوتیں اَور شاید یہ معنی کر کے کوئی اور مسیح آجائے اور وہ وہی ہو جو تلوار لے کر لڑے گا۔
ا ِس سے معلوم ہوسکتا ہے کہ کس کے خیالات سیاسی ہیں۔ ہمارے یا ان کے۔ باوجود اس کے ہمارے متعلق کہا جاتا ہے کہ اپنی خلافت سیاسی خلافت سمجھتے ہیں جو محض دشمنی اور عداوت کی وجہ سے ہے۔ خدا تعالیٰ فرماتا ہے کہ عداوت اور دشمنی کی وجہ سے حد سے نہیں بڑھنا چاہئے لیکن ان کو اِس کی بھی پرواہ نہیں ہے۔
ہم گورنمنٹ کے متعلق وفاداری کے جو خیالات رکھتے ہیںاور جس طرح ہم نے اس جنگ میں گورنمنٹ کی خدمت کی ہے اور ہماری خدمات کے متعلق گورنمنٹ نے جو کچھ لکھا ہے وہ کوئی پوشیدہ بات نہیں۔ چند ہی ماہ ہوئے۔ ہز آنر لیفٹیننٹ گورنر کی طرف سے میرے نام کی ایک چٹھی آئی تھی۔ جس میں لکھا تھا کہ ہزآنر احمدیہ کمیونٹی کی اِس مخلصانہ وفاداری کا مزید یقین دلانے سے مسرور ہیںجس کا اس نے گورنمنٹ کے ساتھ لڑائی شروع ہونے سے اب تک عملی ثبوت دیا ہے۔
اِن باتوں کے ہوتے ہوئے گورنمنٹ پر مولوی محمد احسن صاحب کے اِس لکھنے سے کیا اثر ہو سکتا ہے۔ پھر گورنمنٹ کو یہ بھی معلوم ہے کہ کانپور کے معاملہ کے متعلق گورنمنٹ کے خلاف کس نے لکھا ہے اور اس حادثہ میں مرنے والوں کے ساتھ کس نے وفاداری کا اظہار کیا تھا۔ اور ظفرعلی خان کی وہ نظم جو سلطانِ ٹرکی کی شان میں بعنوان خلیفۃ المسلمین لکھی گئی تھی پیام میں کس نے درج کرائی تھی۔ اِن باتوں کے ہوتے ہوئے کس طرح ہمارے متعلق وہ یہ لکھ سکتے ہیں کہ ہمارے خیالات سیاسی ہیں سوائے اِس کے کہ کسی کی عقل ماری جائے۔یا جس طرح آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا ہے کہ ایک انسان نیک کام کرتا ہے مگر اس کا انجام بُرا ہو جاتا ہے اِسی طرح آخری عمر میں یہ کہنے والے کی رسّی بھی بُرائی کی طرف کھینچی گئی ہے۔
اِن کی یہ کوشش ایک لغو اور بیہودہ ہے اور سوائے اس کے کہ ایسا لکھنے والے کی اپنی جہالت اور نادانی ثابت ہو اور کیا نتیجہ نکل سکتا ہے۔ ہاں دانا اور سمجھدار انسان اِس سے عبرت حاصل کر سکتا ہے کہ ایک سمجھتا بوجھتا انسان غصہ اور عداوت کی وجہ سے کیسا جاہل اور نادان بن جاتا ہے۔
اللہ تعالیٰ ہماری جماعت میں سے ہر ایک کو اپنی حفاظت میں رکھے اور اس کے فضل کے ماتحت ہمارا انجام مومنوں والا ہو اور ہماری موت اسلام پر ہو۔‘‘ آمین ثم آمین۔
(الفضل ۱۷؍ فروری ۱۹۱۷ئ)
۱؎ النحل:۹۱
۲؎ بخاری کتاب المغازی باب غزوۃ خیبر
۳؎ بخاری کتاب القدر باب العمل بِالخواتیم
۴؎ الفاتحہ:۵ تا۷
۵؎ بخاری کتاب القدر باب العمل بِالخواتیم
۶؎ تفسیر کبیر مصری جزء ۶ صفحہ ۲۷۶
۷؎ تاریخ اسلام مولانا عبدالحلیم شرر صفحہ ۱۵۶ تا ۱۵۸
۸؎ البقرۃ:۱۳۳
۴۸
انسا نی ترقی کی وسعت
(فرمودہ ۱۶؍ فروری ۱۹۱۷ئ)
تشہد،تعوذ اور سورۃ فاتحہ کی تلاوت کے بعد حضور نے فرمایا:۔
’’اللہ تعالیٰ کی طرف سے انسان کی ترقی کے لئے اس قسم کے سامان مہیا ہیں کہ وہ جتنا بھی بلند ہونا چاہے اُتنا ہی ہو سکتا ہے اور جتنا بھی بڑھنا چاہے بڑھ سکتا ہے۔ اِس وقت تک کوئی انسان دنیا میں ایسا نہیں گزرا کہ جس کا حوصلہ اِس قدر وسیع ہو اور جس کے دل میں اتنی وسعت ہو کہ دنیا میں اس کے کرنے کا کوئی کام باقی نہ رہا ہو۔یا اس کے لئے ترقی کا سلسلہ بند ہو گیا ہو اور اسے یہ کہنا پڑا ہو کہ میں تو کام کرنے کے لئے تیار ہوں لیکن افسوس سب کام ختم ہو گئے ہیں اور میرے کرنے کا کوئی باقی نہ رہا۔ کوئی انسان اِس قسم کا نہیں ہوا بلکہ ہم تو دیکھتے ہیں کہ بڑے سے بڑا حوصلہ رکھنے والا اور بڑی سے بڑی ہمت دکھانے والا اور بہت زیادہ محنت اور کوشش کرنے والا بھی جب کوئی انسان فوت ہوا ہے تو یہی کہتا ہو ا فوت ہوا ہے کہ میرے سامنے ترقی کرنے اور بڑھنے کا بہت وسیع میدان موجود تھا لیکن افسوس کہ میں نے کچھ ترقی نہ کی اور جو ارادے میرے دل میں تھے ا ن کو پورا نہ کر سکا۔ اِس کے بر خلاف کوئی انسان ایسا نظر نہیں آتا جو یہ کہے کہ میرے سب کام ختم ہو گئے ہیں اب میں کروں تو کیاکروں اور باقی زندگی کو کس طرح خرچ کروں۔ تمام علوم کو تو جانے دو کوئی شعبہ علم بھی ایسا نہیں جس کے متعلق کوئی کہہ سکے کہ میں نے اس کو کمال تک پہنچا دیا ہے۔ مثلاً جغرافیہ کو ہی لے لو۔ کیسا محدود علم ہے مگراس کے متعلق بھی کوئی یہ نہیں کہہ سکتا کہ میں نے اس کے تمام منازل طے کر لئے ہیں۔ اِسی طرح اَور دنیاوی علوم کو لو اور اُن کی کسی شاخ کے کام کرنے والے کو دیکھو۔ مثلاً تاجر، صناع، علمی تحقیقات کرنے والا، سیاست دان،جرنیل، منتظم، غرضیکہ کسی رنگ میں کام کرنے والا ہو کوئی یہ نہیں کہہ سکتا کہ میری وسعت اور حوصلہ تو بہت بڑا ہے لیکن کام کرنے کی جگہ نہیں رہی اور آگے بڑھنے کا میدان ختم ہو گیا ہے بلکہ ہم تو دیکھتے ہیں کہ جس قدرکوئی زیادہ کام کرنے والا ہوتا ہے اُسی قدر زیادہ کہتا ہے کہ میرے آگے کام کرنے کا میدان تو بہت وسیع اور فراخ پڑا ہے لیکن میں کام کر نہیں سکا۔ کیوں؟ اس لئے کہ اللہ تعالیٰ نے انسان کے لئے ترقی کرنے کا میدان بہت وسیع بنایا ہے اور بڑھنے کے لئے نہایت فراخ میدان رکھ دیا ہے اور ترقیوں کی کمی نہیں۔ ہاں اگر کمی ہوتی ہے تو انسان کی اپنی طرف سے ۔خدا تعالیٰ کی طرف سے میدان بہت وسیع ہے اور انسان جتنا بھی بڑھنے کی کوشش کرے ا ُتنا ہی بڑھ سکتا ہے۔ اِس کے لئے کوئی حد نہیں کہ وہاں جا کر ترقی رُک جاتی ہے اور آگے نہ بڑھنے کے لئے دروازہ بند ہو جاتا ہے لیکن اگر انسان کے ترقی کرنے اور بڑھنے میں روک ہوتی ہے تو یہی کہ انسان کسی اپنے گناہ اور قصور کی وجہ سے ترقیوں سے اپنے آپ کو محروم کر لیتا ہے۔ دنیا میں ایسے انسان موجود ہیں جو ترقی کرنا تو درکنار نیچے ہی نیچے گرنے لگ جاتے ہیں۔ بڑا علم سیکھا ہوتا ہے مگرا ن کا حافظہ ایسا کمزور ہو جاتا ہے اور حواس ایسے بے کار ہو جاتے ہیں کہ اُنہیں اپنا نام تک یاد نہیں رہتا۔ میں نے ایسے واقعات سنے ہیں کہ بعض انسانوں کا حافظہ اس قدر کمزور ہو گیا کہ وہ نوٹ بک میں اپنا نام لکھ رکھتے ہیں اور جب کوئی ان سے ان کا نام پوچھتا ہے تو نوٹ بک کو دیکھ کر بتاتے ہیں۔ بعض اتنے بوڑھے ہو جاتے ہیں کہ پاگل ہو جاتے ہیں مگر یہ سب کچھ ان کے اپنے گناہوں کی شامت کی وجہ سے ہوتا ہے اوران کا اپنا قصور ہوتا ہے۔ پھر بعض انسان بڑے بڑھتے ہیں لیکن ایک وقت جا کر ایسے رُکتے ہیں کہ ایک قدم نہیں اُٹھاسکتے۔ اِس کی یہ وجہ نہیں کہ ان کے بڑھنے کا میدان ختم ہو جاتا ہے بلکہ یہ کہ ان کی اپنی کمزوریاں اور گناہ ان کے پائوں میں زنجیریں ڈال دیتے ہیں۔ وہ دیکھتے ہیں کہ آگے بڑھنے کے لئے میدان خالی پڑا ہے لیکن آگے قدم نہیں رکھ سکتے۔ تو ہر ایک ترقی خواہ وہ کسی فرد کی ہو یا جماعت کی کہیں نہ کہیں جا کر رُکتی ہے مگر اس لئے نہیں کہ ترقی کرنے کے سامان اور ذرائع ختم ہو گئے بلکہ اس لئے کہ ترقی کرنے والے نے آپ اپنے پائوں میں زنجیریں ڈال لیں۔
پس اس بات کو خوب یاد رکھنا چاہئے کہ جب کوئی ترقی کرنے سے رُکتا ہے تو اِسی وجہ سے رُکتا ہے کہ اپنے پائوں کو آپ باندھ لیتا ہے اور اُس کے پائوں آگے نہیں پڑتے بلکہ پیچھے پڑتے ہیں۔اِسی بات کی طرف خدا تعالیٰ نے سورہ فاتحہ میں مسلمانوں کو توجہ دلائی ہے۔ا للہ تعالیٰ فرماتا ہے۔ ۱؎ کہ خدا تعالیٰ کے احسانات اور انعامات کی کوئی حد بندی نہیں ہے۔ کیوں؟ اس لئے کہ کوئی بھی حمد جو ممکن ہے وہ خدا تعالیٰ میں پائی جاتی ہے۔ پس جب تمام حمد اللہ کے لئے ہوئی تو اِس سے یہ بھی معلوم ہو گیا کہ اللہ کے انعامات کی کوئی حد بندی نہیں ہے۔ لیکن اگر خدا تعالیٰ کے انعامات کی وسعت کو محدود کر دیا جائے اور یہ سمجھ لیا جائے کہ ایک خاص حد تک اس کے انعامات مل سکتے ہیں اور آگے نہیں تو اِس کا نتیجہ یہ ہو گاکہ خدا تعالیٰ بعض حمدوں سے خالی ہو جائے گا مگر خدا تعالیٰ فرماتا ہے کہ ہم تمام جہانوں کے رب ہیں۔ اگر کوئی بڑا عالم ہے تو اس کے بھی ربّ ہیں اور گر کوئی معمولی عقل کا انسان ہے تو اس کے بھی۔ اگر کوئی روحانی ترقی میں بہت بڑھ گیا ہے تو اُس کے بھی ہم ربّ ہیں اور اگر کوئی ابتدائی حالت میں ہے تو اس کے بھی۔ یہ نہیں کہ کوئی انسان کسی بڑے سے بڑے درجہ پر پہنچ کر کہہ دے کہ اب خدا تعالیٰ میرا ربّ نہیں رہا۔ یعنی میں آگے بڑھنا چاہتا ہوں لیکن وہ بڑھا نہیں سکتا بلکہ انسان کسی طبقہ اور کسی مقام پر چلا جائے اور کسی درجہ میں شامل ہو خدا اُس کا رب ہی رہتا ہے اور کبھی خدا تعالیٰ یہ نہیں کہتا کہ اب فلاں انسان میری حد سے نکل گیا ہے کیونکہ انسان کسی حالت میں بھی ہو اللہ تعالیٰ کی ربوبیت کے ماتحت ہی رہے گا۔ پھر خدا تعالیٰ فرماتا ہے خدا کی ربوبیت کوئی معمولی درجہ کی نہیں ہوگی بلکہ انسان ہر قدم جو ترقی کے لئے بڑھائے گا۔ اُس پر اُسے نئے سرے سے رحمانیت کے فیوض حاصل ہوں گے اور پھر رحیمیت کے ماتحت انعام حاصل کرے گا۔ یعنی ہر ترقی کرنے اور آگے بڑھنے کے لئے اُسے نیا مصالحہ دیا جائے گا کہ لو اب اس کے ذریعہ آگے بڑھو۔
ابتداء میں ترقی کرنے کے لئے جو اسباب دئیے جاتے ہیں وہ محض خدا تعالیٰ کے فضل اور رحم کا نتیجہ ہوتے ہیں وہ انسان کی کسی کوشش اورمحنت کا نتیجہ نہیں ہوتے۔ چنانچہ قریباً تمام موجد اِس بات کو تسلیم کرتے ہیں کہ ہماری ایجادیں آنی خیالات کی بناء پر ہوئی ہیں ہماری کوشش اور محنت کا اِن میں دخل نہیں ہے۔ مثلاًتار برقی کا موجد ہے وہ کہتا ہے کہ اس کے متعلق میرے دل میں خدا نے یونہی ایک خیال ڈال دیا اور خیال کولے کر جب میں نے کوشش کی تو یہ نتیجہ نکلا۔ اِسی طرح ایڈیسن ایک بہت بڑا موجد ہے اور کئی ہزار ایجاداِس نے کی ہے۔ میں نے اس کا قول پڑھا ہے وہ لکھتا ہے کہ میں نے کوئی ایجاد بھی ایسی نہیں کہ جو سوچ سوچ کر نکالی ہو بلکہ یونہی ایک تحریک ہوئی اور جب میں نے اُس پر غور کیا تو ایک نئی چیز نکل آئی۔ اِسی طرح نیوٹن گزرا ہے اِس نے کشش ثقل کا نتیجہ اخذ کیا ہے۔ اِس کو بھی اتفاقیہ ہی اِس طرف توجہ پیدا ہوگئی اور پھر اس نے اِسے علمی رنگ دے لیا۔
تو تمام ترقیوں کی ابتدا ء اسی طرح ہوتی ہے کہ پہلے خدا تعالیٰ کی صفت رحمانیت کے ماتحت کچھ اسباب بغیر انسانی محنت اور کوشش کے پیدا ہو جاتے ہیں اور پھر رحیمیت کے ماتحت ان میں دن بدن ترقی ہوتی رہتی ہے۔یہ نہیں کہ انسان کسی بات کا خیال پہلے کر لے اور پھر اس کی ایجاد میں کوشش کرے۔ مثلاً تار برقی ہے۔ اس کے متعلق یہ نہیں ہوا ہوکہ اس کے موجد کوپہلے یہ خیال پیدا ہوا کہ خبریں پہنچانے میں دیر لگتی ہے اور تکلیف ہوتی ہے اس لئے کوئی آسان طریق نکالنا چاہئے بلکہ یونہی اتفاقیہ طورپر اس کو تحریک ہوئی اور اس نے کوشش شروع کردی۔ اور بہت کم ایسی ایجادیں ہوتی ہیں جن کے ایجاد ہونے سے پہلے ان کا ارادہ کر لیا جاتا اور پھر اس میں کامیابی حاصل ہوئی ہے۔ لیکن کثرت کے ساتھ وہی ایجادیں ہیں جن کی ابتدا اتفاقیہ طور پر ہوئی اورا ن کی ایسی کثرت ہے کہ یہ بات کلیہ کہلانے کی مستحق ہو گئی کہ ہر ایجاد کی ابتدا رحمانیت کے ماتحت ہوتی ہے۔ ہاں ایجاد ہونے کے بعد اس میں اپنی کوشش اور محنت سے ترقی دی جاتی اور اسے اعلیٰ درجہ پر پہنچایا جاتا ہے۔ مثلاً ہوائی جہاز ایجاد ہوئے ہیں۔فرض کر لو جس وقت ایجاد ہوئے اُس وقت سَو میل فی گھنٹہ رفتار پیدا ہو سکی لیکن بعد میں اس کو ترقی دیتے دیتے ایک سَوبیس میل یا اس سے بھی زیادہ رفتار کے جہاز تیا ر کر لئے جائیں۔ تو ایجاد ہونے کے بعد ترقی دینے اور تجربہ کرنے میں موجد لگتے ہیں پہلے انہیں خود بھی معلوم نہیں ہوتا کہ ہم کامیاب ہوں گے یا نہیں؟
یہ اِس بات کا ثبوت ہے کہ خدا تعالیٰ نے انسانی ترقی کے لئے جو سامان پیدا کئے ہیں وہ بہت وسیع ہیں اور جب ان کو کام میں لایا جاتا ہے تو انسان بڑی ترقی اور عروج حاصل کر لیتا ہے اور رحمانیت کے بعد رحیمیت اور رحیمیت کے بعد پھر رحمانیت کے ماتحت وہ ترقی پر ترقی کرتا چلا جاتا ہے۔ یعنی جب ایک صفت کے ماتحت کام کرتا ہے تو دوسری سے اسے مستفیض کیا جاتا ہے اور جب دوسری کو کام میں لاتا ہے توپھر پہلی سے اسے فائدہ پہنچایا جاتا ہے۔اِس کی مثال ایسی ہے کہ ایک نجار کو میز بنانے کے لئے لکڑی دی جائے۔ جب وہ بنا لے تو اور دے دی جائے اور اِسی طرح جب وہ فارغ ہو اُسے اَور لکڑی دے دی جایا کرے۔ خدا تعالیٰ انسانوں کے ساتھ یہی معاملہ کرتا ہے کہ جب وہ ایک ترقی کر چکتے ہیں تو ان کے سامنے آگے بڑھنے کے لئے اَور سامان رکھ دیتا ہے اور پھر فرماتا ہے ہماری ربوبیت اِسی دنیا میں ختم نہیں ہو جاتی یعنی یہ نہیں کہ جب انسان مر گیا تواُس کی ترقی بھی بند ہو گئی بلکہ خدا ہے اس لئے دنیا میں جو کام تم کرتے ہو یہ ایک بیج کی طرح ہو جاتے ہیں اور ان سے پھل نکلنے شروع ہو جاتے ہیں۔ یہی دو عالم ہیں۔ جب اِن میں ترقی ختم نہیں ہوتی اور تیسرا کوئی عالم ہی نہیں ہے تو معلوم ہوا کہ انسانی ترقی کبھی ختم نہیں ہوتی۔
سورہ فاتحہ میں اِسی وسعت کی طرف خدا تعالیٰ نے انسان کو متوجہ کیا ہے لیکن ساتھ ہی یہ بھی بتا دیا ہے کہ باوجود اِس وسعت اور فراخی کے انسان کی اپنی غلطی اور کوتاہی سے اس کی ترقی رُک بھی جاتی ہے۔ چنانچہ ۲؎ میں بتایا کہ وہ لوگ جو ترقی نہیں کرتے بلکہ تنزل کرتے ہیں یا جو کام چھوڑ کر بیٹھ رہتے ہیں ان کے متعلق یہ نہ سمجھنا کہ اُنہوں نے ترقی کی تمام منازل طے کر لی ہیں اور اب آگے بڑھنے کے لئے ان کے پاس کوئی سامان نہیں ہے کیونکہ ہمارے انعامات کبھی ختم نہیں ہوتے۔ ہاں اگر انسان خود تھک کر بیٹھ رہے اور کوشش کرنا چھوڑ دے اور اپنی بد افعالیوں سے ہمیں ناراض کر لے تو پھر میں شامل ہو جاتا ہے۔ اس کے لئے تمہیں یہ کرنا چاہئے کہ ہم سے یہ التجا کرو کہ اے ہمارے خدا! ہمیں مغضوب لوگوں میں شامل نہ کیجئے اور نہ ایسا ہو کہ ترقی کرتے کرتے ہماری کمزوریوں کی وجہ سے نیچے گرا دیاجائے۔ پھر ایسا نہ ہو کہ ہم خود ہی صراطِ مستقیم چھوڑ کر دائیں یا بائیں نکل جائیں اور منزل پر پہنچنے سے محروم رہیں۔
تو انسان کی ترقی کبھی ختم نہیں ہو سکتی اِس لئے مسلمانوں کو چاہئے کہ کبھی ان کا حوصلہ پست نہ ہو بلکہ اتنا وسیع ہو کہ کوئی مشکل سے مشکل کام بھی گھبراہٹ نہ پیدا کر سکے ۔اور کوئی مومن یہ خیال بھی نہ کرے کہ مجھ سے فلاں کام نہیں ہو سکتا۔ ہر ایک مومن توپانچ وقت خدا تعالیٰ کے حضور کئی بار اقرارکرتا ہے کہ اے خدا !تیرے انعام و اکرام کی کوئی حد بندی نہیں ہے بلکہ بہت وسیع ہیں اور جب تک ہماری اپنی کمزوری درمیان میں حائل نہ ہو تیرے انعام نہیں رُک سکتے اِس لئے ہم اپنی کمزوریوں اور بداعمالیوں کے بد نتائج سے بچنے کی دعا مانگتے ہیں۔ تو اِس طرح یہ حد بندی بھی نہ رہی کیونکہ انسانی کمزوریوں سے بچنے اور ان کے نتائج سے محفوظ رہنے کے متعلق خدا نے خود بتا دیا کہ اگر تم اِس کے متعلق مجھ سے دعا مانگو گے تو یہ زنجیر بھی ٹوٹ جائے گی۔
تو انسانی ترقی کے لئے میدان بہت وسیع پڑا ہے مگر افسوس کہ بہت سے انسان ایسے ہیں جو اپنی کم ہمتی سے یہ سمجھ کر کہ اب کوئی ترقی نہیں ہو سکتی بیٹھ جاتے ہیں۔یا اپنے آپ کو خدا تعالیٰ کی نافرمانیوں اورسرکشیوں سے ایسا بنا لیتے ہیں کہ ان کے کاموں اور ارادوں میں کامیابی نہیں رہتی۔
اللہ تعالیٰ ہماری تمام جماعت کو اِس بات کی توفیق دے کہ اللہ تعالیٰ کے نہ ختم ہونے والے اور وسیع انعامات سے فائدہ اُٹھائیں اور کسی ایک مقام پر ہمارے قدم نہ ٹھہریں بلکہ ہم ترقی کے میدان میں آگے ہی آگے بڑھتے چلے جائیں۔‘‘ آمین ثم آمین۔(الفضل ۲۴؍ فروری ۱۹۱۷ئ)
۱؎ الفاتحہ: ۲تا۴ ۲؎ الفاتحۃ :۷

۴۹
جماعت قادیان کے متعلق
(فرمودہ ۲۳؍ فروری ۱۹۱۷ئ)
تشہد ، تعوذ اور سورۃ فاتحہ کے بعد سورۃ الناس کی درج ذیل آیات کی تلاوت کی:۔
۱؎
اور فرمایا:۔
’’آج میں مختصر طور پر ایک خاص بات کی طرف یہاں کے لوگوں کو توجہ دلاتا ہوں۔ بہت سی باتیں اِس قسم کی ہوتی ہیں کہ جنہیں کہنے والا توا پنے منہ سے نہایت آسانی اور جلدی سے نکال دیتا ہے مگر وہ دوسروں کے لئے ابتلاء کا موجب بن جاتی ہیں اور ان کے دل میں ایسا وسوسہ پیدا ہوجاتا ہے کہ وہ کہیں کے کہیں چلے جاتے اور بالکل گمراہ ہو جاتے ہیں۔ا للہ تعالیٰ ایسے لوگوں کا نام جو دوسروں کے دلوں میں وسوسے پیدا کرتے ہیں خناس رکھتا ہے اور ایسی باتیں کرنے والوں اور اِس قسم کے فتنہ کو اتنا بڑا اور اس قدر خطرناک قرا ردیتا ہے کہ اپنی تین صفات کے ذریعہ ان کو پناہ مانگنے کی ہدایت کرتا ہے۔ چنانچہ فرماتا ہے۔ تو خدا تعالیٰ کی ان تین صفات ۔ ۔اور کے ذریعہ ایسے لوگوں اور ان کے فتنہ سے پناہ مانگی جاتی ہے۔ عام طورپر قرآن کریم میں اللہ تعالیٰ کو ایک ہی صفت سے پکارا جاتا ہے مگر یہاں تین صفتیں بیان فرمائی ہیں کہ ان کے ذریعہ پناہ مانگو۔ اس سے پتہ لگتا ہے کہ یہ فتنہ بہت ہی بڑا ہے۔
بعض اوقات ایک بات کو بہت معمولی اور چھوٹا سمجھا جاتا ہے مگرا س کے نتائج بہت خطرناک نکلتے ہیں۔ آپ لوگوں نے سنا ہو گا حضرت مولوی صاحب سنایاکرتے تھے کہ خلافت بغداد کی تباہی کی ابتداء دو شخصوں کی معمولی باتوں سے ہی شروع ہوئی تھی۔ دونوں جار ہے تھے ایک نے دوسرے کوکہا۔ آئوکباب کھائیں۔ دوسرے نے کہاکباب کیا کھانے ہیں آئو لڑائی کرائیں۔ چنانچہ اُنہوںنے شیعوں کے محلہ میں جا کر کہہ دیا کہ سنی تمہارے متعلق یہ کہہ رہے ہیں اور سنیوں کے ہاں جا کر شیعوں کی نسبت یہ کہہ دیا۔ اِس پر دونوں فرقوں میں لڑائی شروع ہوگئی جس کا نتیجہ یہ ہوا کہ بغداد کی خلافت تباہ ہو گئی۔ ۲؎
آپ لوگوں کویاد رکھنا چاہئے کہ فنتہ پیدا کرنے والی بات خواہ چھوٹی ہو۔ زبان سے نہ نکالنی چاہئے۔ نہ مذاقیہ طور پر نہ ہنسی سے۔ کیونکہ ایسی بات کرنے والے کو اللہ تعالیٰ خناس کہتا ہے۔ اِس قسم کی باتوں سے بہت پرہیز کرنا چاہئے۔ اللہ تعالیٰ نے اگر توفیق دی تو آئندہ میں کھول کر بتلائوں گا۔ آج چونکہ دیر ہوگئی ہے اِس لئے مختصر طور پر کہتا ہوں کہ اِتنی بات خوب یا د رکھو۔ ایک دیا سلائی بہت چھوٹی سی ہوتی ہے مگر سارے گھر کو جلا کر خاکِ سیاہ کر دیتی ہے۔ اِسی طرح فتنہ انگیز بات ہوتی ہے اس لئے اگرچہ وہ چھوٹی معلوم ہو تو بھی اسے چھوٹا نہ سمجھو اور کبھی منہ سے نہ نکالو اس سے بہت بڑا نقصان اور فتنہ پھیلتا ہے۔ اِس وقت جس قدر مسلمانوں کی حکومتیں تباہ ہو ئی ہیں ان کا باعث چھوٹی چھوٹی باتیں ہی ہوئی ہیں مگر بعد میں ان کے بڑے خطرناک نتائج نکلے ہیں۔ ایسی تمام تباہیوں کا وبال انہیں لوگوں پر پڑتا ہے جو فتنہ اُٹھاتے ہیں اس لئے ہر ایک مومن کو چاہئے کہ کوئی فتنہ والی بات کبھی منہ سے نہ نکالے۔ اس کا نتیجہ بہت خطرناک ہوتاہے۔‘‘ (الفضل ۲۷؍ فروری ۱۹۱۷ئ)
۱؎ الناس: آیت ۲ تا آخر
۲؎ تاریخ اسلام مرتبہ شاہ معین الدین ندوی تاریخ الخلفاء للسیوطی حالات خلافت عباسیہ
۵۰
گورنمنٹ برطانیہ اور جماعت احمدیہ
(فرمودہ ۲؍ مارچ ۱۹۱۷ئ)
تشہد،تعوذ اور سورۃ فاتحہ کے بعد حضور نے مندرجہ ذیل آیات کی تلاوت کی:۔
۱؎
بعد ازاں فرمایا:۔
’’میں نے کسی پہلے خطبہ جمعہ میں بیان کیا تھا کہ ہر ایک جماعت اور قوم کا ایک مقصد اور مدعا ہوتا ہے اور اس کے حصول کے لئے جس قربانی کی بھی اُسے ضرورت پڑتی ہے کرتی ہے لیکن اگر نہ کرے تو کبھی کامیاب نہیں ہو سکتی۔ کامیاب، مظفر اور منصور وہی قوم ہوتی ہے جو اپنے اس مقصد اور مدعا کو حاصل کرنے کے لئے جسے وہ اپنا مطمح نظر بنا لیتی ہے، ہر ایک چیز قربان کرنے کے لئے تیار ہو جاتی ہے اور ہر ایک پیاری سے پیاری اور عزیز سے عزیر چیز کو اس کے لئے ترک کر دیتی ہے۔
اسلام میں انسان کا مقصد و مدعا دین اور اللہ تعالیٰ کی رضا قرار دیا گیا ہے۔ اس کے حصول کے لئے کوئی چیز خواہ وہ کتنی ہی کیوں نہ پیاری ہو قربان کردینی ضروری اور لازمی ہے۔ چنانچہ خدا تعالیٰ نے قرآن کریم میں فرمایا ہے کہ وہ جو اللہ اور اُس کے رسول کے مقابلہ میں مال یا جان یا اولاد کو عزیز رکھتا ہے وہ ایمان دار نہیں ہے۔ا بتداء میں ہر ایک بات سے پوری پوری واقفیت نہیں ہو سکتی اور اسلام کی ابتداء تو ایک ایسی قوم سے ہوئی تھی جو کچھ بھی نہیں جانتی تھی اس لئے اُسے قدم قدم پر سیکھنا اور ہرایک بات کو سمجھنا پڑا۔
ایک دفعہ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے سامنے حضرت عمر رضی اللہ عنہ نے بیان کیا کہ یَا رَسُوْلَ اللّٰہ! آپ مجھے سوائے اپنی جان کے سب چیزوں سے پیارے ہیں۔ چونکہ انہیں اُس وقت تک علم کامل نہ تھا اس لئے یہ کہا۔ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا۔ تمہارا ایمان اُس وقت تک کامل نہیں ہو سکتا جب تک کہ تمہاری جان سے بھی میں تمہیں پیارا نہ لگوں۔ یہ سن کر حضرت عمرؓ نے کہا۔ اچھا یَا رَسُوْلَ اللّٰہ! آپ مجھے اپنی جان سے بھی پیارے ہیں۔ ۲؎ حضرت عمرؓ کے اس جواب سے معلوم ہوتا ہے کہ انہوں نے علم کی کمی کی وجہ سے یہ کہا تھا کہ یَارَسُوْلَ اللّٰہ! آپ مجھے اپنی جان کے سِوا باقی سب سے پیارے ہیں ورنہ آپ کے ایمان میں کوئی کمی اور نقص نہ تھا کیونکہ جب آپ کو علم ہو ا تو فوراً کہہ دیا کہ آپ مجھے سب چیزوں سے پیارے ہیں۔ اگر ان کا ایمان کامل نہ ہوتا توا ن کو یہ جواب دینے میں کچھ دیر لگتی اور ایمان کے کامل ہونے تک یہ جواب نہ دے سکتے لیکن انہوں نے فوراً کہہ دیا جس سے پتہ لگتا ہے کہ ان کے ایمان میں کوئی نقص نہ تھا صرف اِس بات کا علم حاصل نہ تھا۔یہ تو حضرت عمرؓ کا ذکر ہے لیکن ہر ایک مومن کا فرض ہے کہ وہ خدا اور اس کے رسول کے راستہ میں ہر ایک پیاری سے پیاری اور عزیز سے عزیز چیز کو قربان کرنے کے لئے تیار رہے اور پورے طور پر خد تعالیٰ کی رضا حاصل کرنے میں لگ جائے۔
جو آیات اِس وقت میں نے پڑھی ہیں ان میں خدا تعالیٰ نے انسانی ترقی کا راستہ اور مشکلات اور مصائب سے بچنے کی راہ بتلائی ہے اور بتایا ہے کہ کامیابی حاصل کرنے کے لئے ضروری ہے کہ انسان اپنے آپ کو اس میں اس طرح لگا دے کہ اسے اپنے آپ کی بھی ہوش نہ رہے اور بڑے شرح صدر اور خوشی سے اس کام کو کرے۔ پھر اس طرح اس میں مشغول نہ ہو کہ اس کے کرنے میں اسے خوشی ہی نہ ہو بلکہ اس میں اسے کوئی مشکل مشکل اور کوئی روک روک معلوم نہ ہو اور پھر قوم کا ہر ایک فرد ایک دوسرے سے آگے بڑھنے کی خواہش اور کوشش کرے تب کامیابی حاصل ہوتی ہے۔ لیکن اگر یہ بات نہ ہوتو وہ خطرناک زلازل اور مصائب آتے ہیں جن کو وہ قوم برداشت نہیں کر سکتی اور تباہ وبرباد ہو جاتی ہے۔ میں نے مثالیں دے کر بتایا تھا کہ موجودہ زمانہ میں دیکھو لو قوموں نے جو مقصد اور مدعا قرار دیا ہوا ہے اس کے لئے مال، جان، عزیز رشتہ دار وطن غرضیکہ سب کچھ قربان کرر ہے ہیں اور کسی چیز کی پرواہ نہیں کرتے۔
ہماری جماعت کا بھی ایک مدعا اور مقصد ہے اور وہ یہ کہ اللہ تعالیٰ کی رضا حاصل کرنا اور دوسروں کو رضا ئے الٰہی حاصل کرنے کے طریق بتانا۔ لیکن اس مقصد کے حصول میں ہمیں اُس وقت تک کامیابی نہیں ہو سکتی جب تک ہم اپنے آپ کو اس کلیہ کے ماتحت نہ کردیں جو اِس وقت تک صفحۂ دنیا پر چلا آیاہے۔ اور وہ یہی کہ اس مقصد کے لئے ہم تمام پیاری سے پیاری اور عزیز سے عزیز چیزوں کو قربان کرنے کے لئے تیار ہو جائیں۔لیکن اگر کسی ایک چیز کو بھی اس قربانی سے باہر رکھیں تو سمجھ لینا چاہئے کہ ہماری قربانی میں نقص آگیا ہے اور ہم پورے طورپر اس کلیہ کے ماتحت نہیں ہوئے۔ پس ہمیں چاہئے کہ جب خدا تعالیٰ کی رضا حاصل کرنا اور دوسروں کو کرانا ہمارا مقصد اور مدعا قرار پاگیا ہے تو اِس راستہ میں کوئی چیز جو سامنے آئے اُسے گرا دینا چاہئے اور کسی کی پرواہ نہیں کرنا چاہئے۔ کئی لوگ ایسے ہوتے ہیں جو کہہ دیتے ہیں کہ فلاں بات کا دین سے کیا تعلق ہے لیکن اگر ان کی بات کو مان لیا جائے تو وہ تو تمام باتوں کو دین سے بے تعلق کہہ دیں گے اور پھر بھی ان کا دین دین ہی رہے گا۔ ان کی مثال اُس دکاندار کی سی ہو گی جو کہتا تھا کہ میری دکان میں سب کچھ موجود ہے۔ جب اس سے پوچھا گیا کہ ہلدی ہے؟ تو کہنے لگا یہ نہیں اور سب کچھ ہے۔ پھر مرچیںپوچھی گئیں تو کہنے لگا یہ نہیں اَور سب کچھ ہے۔ اِسی طرح جو چیز بھی دریافت کی جائے ا س کے متعلق کہہ دے کہ یہ نہیں اَور سب کچھ ہے۔ تو اُس کی بھی دکان ہی تھی لیکن اس طرح کام نہیں چلاکرتے۔ اگر کوئی یہ کہتا ہے کہ فلاں بات کا دین سے تعلق نہیں ہے اس لئے میں اسے عمل میں نہیں لاتا تو یہ اُس کی غلطی ہے۔ اسے چاہئے ہر ایک چیز دین کے لئے قربان کرنے کو تیار رہے خواہ کسی چیز کا اسے دین سے تعلق سمجھ میں آئے یا نہ آئے۔
اِس زمانہ میںایسی ہوا پھیل رہی ہے جسے آزادی کہا جاتا ہے لیکن دراصل وہ غلامی سے بھی بدتر ہے۔ خیال کیاجاتا ہے کہ گورنمنٹ برطانیہ سے ہمارا کیا تعلق ہے،یہ ایک باہر سے آئی ہوئی حکومت ہے پھر نہ ہمارے آدمی اعلیٰ عہدوں پر ہیں نہ ہمیں ہمارے حقوق دئیے جاتے ہیں اِس لئے اِس کی فتح و شکست کا اثر ہم پر کچھ نہیں ہے۔ یہ اَور اسی قسم کے اَور خیالاتِ فاسدہ کے ماتحت عوام میں اور خصوصاً تعلیم یافتہ طبقہ میں ایک ایسی روح پیدا کی جاتی ہے کہ گورنمنٹ کی مدد کرنا فرض نہیں ہے۔ سیاسی طور پر یہ خیالات کہاں تک درست ہیں اِس کے متعلق اِس وقت کچھ کہنے کہ ضرورت نہیں ہے کیونکہ جمعہ کے خطبے ایسی سیاست کے لئے نہیں ہوتے جو محض دنیا سے تعلق رکھتی ہو۔ لیکن میں اِس قدر بتا دیتا ہوں کہ گو اس قسم کے خیالات رکھنے والے لوگ سیاسی طورپر بھی غلطی اور بڑی بھاری غلطی پر ہیں لیکن ہماری جماعت کو سیاسی طور پر اس پہلو کو نہیں دیکھنا بلکہ اِس نقطہ نظر سے دیکھنا ہے کہ اس کا دین سے کیا تعلق ہے۔ اگر اپنی ضروریات اور مفاد کے لحاظ سے گورنمنٹ برطانیہ کی وفادارانہ خدمت کرنا اور اس کی مصیبت کو اپنی مصیبت سمجھنا اور اس کی ہر ضرورت کے وقت مدد کرنا ہمارا فرض ہے تو خواہ سیاسی خیالات اس کے خلاف ہی ہوں تو بھی ہمیں ان کو چھوڑنا پڑے گا۔ لیکن اگر کوئی دین کے معاملہ میں سیاسی خیالات کو مستثنیٰ کرتا ہے اور کہتا ہے کہ ان کا دین سے تعلق نہیں ہے تو اسے یاد رکھنا چاہئے اُس کا دین کامل نہیں ہے۔ کیونکہ دین کے لئے ضروری ہے کہ جس قسم اور جس چیز کو بھی قربان کرنا پڑے قربان کر دی جائے۔ خواہ وہ مال ہو یا اولاد، خواہ قرابت کا تعلق ہو یا دوستانہ، خواہ وہ خیالات ہوں یا عقائد غرضیکہ ہر ایک چیز قربان کر دے اور اگر یہ نہیں کیا جاتا تو کبھی ترقی اور کامیابی نہیں ہو سکتی۔ پس ہماری جماعت کے لئے اتنا کافی نہیں کہ اِس بات پر غور کرے کہ گورنمنٹ کے ساتھ سیاسی طورپر کیا تعلقات ہیں بلکہ یہ کہ دینی طور پر کیا ہیں۔
دینی طور پر ہماری جماعت کے جو تعلقات گورنمنٹ کے ساتھ ہونے چاہئیں اُن کو حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام ہی سب سے بہتر سمجھ سکتے تھے۔ چنانچہ آپ نے اس کے متعلق خوب کھول کھول کر لکھا ہے حتی کہ آپ لکھتے ہیں کہ میں نے کوئی کتاب ایسی نہیں لکھی جس میں گورنمنٹ کی وفاداری کی طرف توجہ نہ دلائی ہو۔ پھرفرماتے ہیں گورنمنٹ کے سُکھ کو اپنا سُکھ گورنمنٹ کی تکلیف کو اپنی تکلیف ،گورنمنٹ کی ترقی کو اپنی ترقی ،گورنمنٹ کے تنزل کو اپنا تنزل سمجھنا چاہئے۔ یہ تو حکماً ہو گیاکیونکہ ہمارے امام حضرت مسیح موعودؑ نے خود اِس کی تشریح کر دی ہے لیکن اگر عقل و فکر سے دیکھیں تو بھی معلوم ہوتا ہے کہ ہماری ترقی اِس گورنمنٹ سے وابستہ ہے۔ مشاہدہ سے بڑھ کر اور کیا ہو سکتا ہے اِسی کے مطابق دیکھ لو کہ وہ کونسی جگہ ہے جہاں احمدیت کو ترقی ہوتی ہے۔ کابل کی سرزمین کو دیکھو وہاں ہمارے دو آدمی محض احمدی ہونے کی وجہ سے شہیدکئے گئے اور اِس وقت تک بھی وہاں عَلَی الْاِعلان احمدیت کا اظہار نہیں ہو سکتا۔ پھر ترکوں کی حکومت ہے جس کے بادشاہ کو امیر المومنین کہا جاتا ہے وہاں ہمارا ایک آدمی کتابیں لے کر پہنچا تو اُس سے کتابیں لے کر جلا دی گئیں۔ یہاں سے ایک اشتہار عربی میں شائع ہوا تھا وہ وہاں چسپاں کیا گیا تواِس پر بڑی لے دے ہوئی اور آخر اُ س کو اُتروا دیا گیا۔ یہ تو دُور کی باتیںہیں ہندوستان میں ہی دیکھ لو جہاں مسلمانوں کی کچھ ریاستیں باقی ہیں جن کے متعلق حضرت خلیفۃ المسیح الاوّل فرمایا کرتے تھے کہ اِن کو خدا تعالیٰ نے اس لئے باقی رکھا ہے کہ اِن کو دیکھ کر معلوم ہو جائے کہ اسلامی حکومت کی یہ حالت تھی۔ ان میں سے ایک ریاست کا یہ حال ہے کہ احمدیوں کو مسجد بنانے تک کی اجازت نہیں دی جاتی۔مندر، گرجے اور گردوارے تو بن رہے ہیں اُن کے لئے بڑی خوشی سے اجازت دی جاتی ہے لیکن اگر اجازت نہیں دی جاتی تو احمدیوں کو مسجد بنانے کی نہیں دی جاتی۔ ایک اَور ریاست ہے جہاںکوئی احمدی بنا جھٹ اُس پر کوئی نہ کوئی مقدمہ کھڑا کر دیا یہ سلوک ہے جو ہم سے کیا جاتا ہے۔ اِس کے مقابلہ میں گورنمنٹ برطانیہ کو دیکھئے۔ ہم یہ نہیںکہتے کہ وہ ہم سے ایسا سلوک کرتی ہے جو دوسروں سے نہیں کرتی بلکہ ہم سے بھی وہ اس طرح پیش آتی ہے جس طرح دوسروں سے۔ لیکن اس سے یہ نہیں ہو سکتاکہ اگر دوسروں کے دلوں میں شکر گزاری کا جذبہ نہیں ہوتا تو ہمارے دلوں میں بھی نہ ہو۔ کیونکہ اگر انہیں دین کی اشاعت کی ضرورت اور پرواہ نہیں ہے تو ہمیں تو ہے۔ پس اگر ہمارے ساتھ گورنمنٹ کا سلوک ایسا ہی ہے جیساکہ دوسروں کے ساتھ تو اِس کے یہ معنی نہیںکہ اگر وہ گورنمنٹ کے ساتھ ہمدردی نہ رکھیں اور اس کے شکر گزار نہ ہوں۔ تو ہمیں بھی ایسا کرنا چاہئے کیونکہ ہم سے بھی گورنمنٹ ویسا ہی سلوک کرتی ہے جیسا کہ ان سے۔ یہ دلیل بالکل بیہودہ اور لغو ہے ۔پھر ایک اَور بات ہے اور وہ یہ کہ ان لوگوں کے لئے امن ہے لیکن ہمارے لئے نہیں ہے۔ ہر ایک ہمارا دشمن ہے۔
پھر خدا تعالیٰ نے اپنے سلسلہ کی ترقی کے لئے اسی سرزمین کو چنا ہے جو گورنمنٹ برطانیہ کے ماتحت ہے اس لئے یہی مبارکباد کے قابل ہے۔ اگر کوئی سلطنت اِس سے بڑھ کر اچھی اور عمدہ ہوتی تو خدا تعالیٰ اپنے سلسلہ کی نشوونما کے لئے اُسی کو چنتا لیکن خدا تعالیٰ نے اِس کو چنا ہے جو اس کی فضیلت کی ایک بہت بڑی دلیل ہے۔ پس یہ حکومت جس قدر وسیع ہو گی ہمارا سلسلہ بھی وسیع ہوتا چلا جائے گا اور ہمیں آزادی حاصل ہوتی جائے گی اِس لئے اگر کوئی ہم سے پوچھے تو یہی کہیں گے کہ وہ علاقے جہاں جہاں ہمارے آدمی قتل کئے گئے کل کی بجائے آج ہی گورنمنٹ برطانیہ کے ماتحت آئیں تو ہم خوش ہیں کیونکہ ہماری ترقی گورنمنٹ برطانیہ سے وابستہ ہے۔ اور خدا تعالیٰ کا فعل اور ہمارا مشاہدہ اس بات کی شہادت دے رہا ہے کہ اس گورنمنٹ کے ماتحت ہمیں کامیابی ہو گی۔ ہم یہ جانتے ہیں اور یقین رکھتے ہیں کہ دوسرے ممالک میں بھی کامیابی ہو گی مگر اِس میں شک نہیں کہ وہاں بڑی بڑی تکلیفوں اور مشکلوں کے بعد ہو گی۔ اور صاف بات تو یہ ہے کہ وہاں خون کی آبیاری سے ہو گی۔ مگر یہاں اِس کے مقابلہ میں کچھ تکلیف نہیں ہے۔ ہم نے تو اپنے ساتھ سلوک میں اتنا فرق دیکھا ہے کہ دیسی مجسٹریٹوں کے پاس حضرت مسیح موعود علیہ السلام کا جومقدمہ گیا ہے اس کو اُنہوں نے خراب ہی کیا ہے۔ لیکن اس کے برعکس دیکھئے ایک انگریز ۳؎ کے پاس مقدمہ جاتا ہے اور قتل کا مقدمہ ہے۔ مدعی عیسائی ہے مگر مجسٹریٹ اپنے پاس حضرت مسیح موعودعلیہ السلام کو کرسی پر بٹھاتا ہے۔ دوسری طرف ایک خبیث الفطرت، کمینہ اور رذیل شخص کی طرف سے مقدمہ ہے اور فضول مقدمہ ہے۔ اِس موقع پر حضرت مسیح موعودؑ کو بیماری کا دَورہ ہوتا ہے، ہاتھ پائوں ٹھنڈے ہو جاتے ہیں، ضعف طاری ہو جاتا ہے، وکیل مجسٹریٹ ۴؎ سے پانی پلانے کی اجازت مانگتا ہے مگر وہ ایسی حالت میں پانی پلانے کی اجازت نہیں دیتا۔ یہ فرق ہے انگریزوں اور دوسروں میں۔ پس ہمارا دل تو یہی کہے گا اور کہتا ہے کہ جن کی حکومت اور سلطنت سے ہمیں امن ملا ہے اِنہیں کے فوائد سے ہمیں ہمدردی ہے۔ پھر جب ہمارا اصل مدعا اور مقصد دین کی اشاعت ہے اور یہ گورنمنٹ برطانیہ کے ساتھ ہو کر حاصل ہو سکتا ہے تو پھر کیوں ہم گورنمنٹ کی ہر طرح سے امداد اور ہمدردی نہ کریں۔ فرض کر لو گورنمنٹ کے خلاف جوش پھیلا کر اور اس سے ہمدردی نہ کرکے فوائد حاصل ہو سکتے ہیں مگر کن کو؟ اِنہیں کو جن کی آنکھ میں ہم کانٹے کی طرح کھٹک رہے ہیں۔ اگر خدا نخواستہ ان لوگوں کو پارلیمنٹ مل جائے تو پہلا ایکٹ یہی پاس کریں کہ احمدیوں کو کاٹ ڈالو۔ کیونکہ ہم دیکھتے ہیں کہ جب کبھی اِن کادائو چلا ہے اِنہوں نے ہمیں نقصان پہنچانے میں کمی نہیں کی اور اِس کی دادرسی گورنمنٹ برطانیہ سے ہی ہوئی ہے۔
پس ہمیں عقل اور مشاہدہ اور حضرت مسیح موعودؑ کی تعلیم بتا رہی ہے کہ ہمارے فوائد گورنمنٹ برطانیہ کے ساتھ وابستہ ہیں۔ پھر دیکھو ہمارے لئے کس قدر تبلیغ میں آسانی ہے۔گورنمنٹ برطانیہ کی وجہ سے انگریزی زبان تو کاروبار کے لئے سیکھنی پڑتی ہے۔پھر اِس زبان کے ذریعہ جہاںگورنمنٹ برطانیہ کی حکومت ہو وہیں ہم تبلیغ کر سکتے ہیں لیکن اگر کسی اَور حکومت میں تبلیغ کرنے کے لئے جائیں تو وہاں کی زبان سیکھنی پڑے گی۔ یہاں ہم انگریزی زبان کاروبار کے لئے پڑھتے ہیں لیکن وہی تبلیغ کے کام آجاتی ہے اور اس طرح گویا ہماری محنت آدھی رہ جاتی ہے۔ اب ہمارے مبلغ ماریشس اورنائجیریا میں تبلیغ کرنے کے لئے جاتے ہیں مگر کیوں؟ اِس لئے کہ یہ ملک گورنمنٹ برطانیہ کے ماتحت ہیں اور ان میں جانے کے لئے کسی اَور زبان کے سیکھنے کی ضرورت نہیں پڑتی انگریزی سے ہی کام ہو سکتا ہے۔ لیکن اگر کسی ایسی جگہ تبلیغ کے لئے جانا ہو جہاں انگریزی زبان کام نہیں دے سکتی تو اس کے لئے بڑی بھاری محنت اور اخراجات کی ضرورت ہو گی۔ تو ہر رنگ میں گورنمنٹ کی ترقی سے ہماری ترقی وابستہ ہے۔ پھر گورنمنٹ کے احسانات کے مقابلہ میں بھی ہمارا فرض ہے کہ اس کا حق اد ا کریں۔ اِن باتوں کے ہوتے ہوئے کوئی گندہ اور ناپاک خیالات کا ہی انسان ہو گا جو یہ کہے گا کہ گورنمنٹ کی ہمدردی کا دین سے تعلق نہیں ہے۔ چونکہ میں دیکھتا ہوں کہ ہندوستان میں کچھ ایسے خیالات بھی پھیلے ہوئے ہیں جن کو وفادارانہ نہیں کہا جا سکتا اور ہماری جماعت خدا کے فضل سے چونکہ ہر جگہ پر پھیلی ہوئی ہے اِس لئے میں بار بار گورنمنٹ کی وفاداری کی طرف توجہ دلاتا ہوں۔ اور جس طرح حضرت مسیح موعود علیہ السلام نے لکھا ہے کہ میں نے کوئی ایسی کتاب نہیں لکھی جس میں گورنمنٹ کی وفاداری کی تاکید نہیں کی یا توجہ نہیں دلائی اُسی طرح حضرت مسیح موعودؑ نے کئی ایک کتابیں مختلف مضامین پر لکھی ہیں مگر وفاتِ مسیح کا ذکر ضرور کسی نہ کسی رنگ میں ہر ایک میں کر دیا ہے۔ کیوں؟ اِس لئے کہ جب یہ مسئلہ حل ہو جائے پھر آپ کو قبول کرنے والے کے لئے بہت آسانی ہو جاتی ہے۔ تو حضرت مسیح موعودؑ نے جو اپنی کتابوں میں اِس بات پر خاص زور دیا ہے کہ گورنمنٹ کے ساتھ ہمارے تعلقات نہایت وفادارانہ ہونے چاہئیںا ور ہمیں ہر طرح اِس کی مدد کرنا چاہئے۔ حتی کہ آپ نے یہ بھی لکھ دیا ہے کہ میں دیکھتا ہوں کہ ایک زمانہ آئے گا کہ جب صرف میری ہی جماعت گورنمنٹ کی وفادار ثابت ہو گی۔ یہ یونہی نہیں لکھ دیا۔ خدا تعالیٰ کے مأمور کوئی لغو کام نہیں کیا کرتے۔ پس اِس کے متعلق یہ تو کہا نہیں جا سکتا کہ آپ نے نعوذ باللہ گورنمنٹ کی خوشامد کرنے کے لئے اِس طرح لکھ دیا ہے کیونکہ اگر آپ ایسا نہ لکھتے تو آپ کو کیا خطرہ تھا۔ آریہ، ہندو، سکھ وغیرہ قومیں بھی تو اِسی ہندوستان میں رہتی ہیں اُنہوں نے اگر نہیں لکھا تو انہیں کیا ہو گیا ہے۔ پھر ایسے لوگ بھی موجود ہیں جن کا رویہ گورنمنٹ کو پسند نہیں مگر باوجود اِس کے گورنمنٹ اُنہیں گرفتار نہیں کرتی۔ پھر حضرت مسیح موعودؑ کا کوئی ایسا دعویٰ بھی نہ تھا کہ گورنمنٹ کو اس کے متعلق کوئی کارروائی کرنی پڑتی۔
آپ پر دشمنوں کا یہ اعتراض تھا کہ گورنمنٹ کی خوشامد کے لئے ایسا کرتے ہیں لیکن یہ بالکل غلط ہے۔ آپ نے گورنمنٹ کی خدمت کی اور بہت بڑی خدمت کی مگر اس کے بدلہ میں کوئی امید نہیںرکھی مگر باوجود ان باتوں کے آپ نے گورنمنٹ کی وفاداری پر کیوں اتنازور دیا۔؟اِس کی سوائے اِس کے کوئی وجہ نہیں ہے کہ ایک زمانہ ایسا آنا تھاجبکہ گورنمنٹ کے خلاف بعض لوگوں کے خیالات پھیلنے تھے۔ آپ نے ۱۸۹۸ء میں لارڈایلجن کو لکھا تھا کہ مذہبی مباحث کے لئے ایسے قواعد پاس ہونے چاہئیں جن کی وجہ سے امن میں خلل واقعہ نہ ہو اور اس کے متعلق کچھ تجاویز بھی پیش کی تھیں لیکن اُس وقت چونکہ ایسے حالات نہ تھے اِس لئے اُن پر توجہ نہ کی گئی مگر ۱۹۱۴ء میں ان کو تسلیم کرنا پڑا۔
پس حضرت مسیح موعودؑ نے جو گورنمنٹ کے متعلق وفادارانہ خیالات رکھنے کے متعلق اس قدر کوشش کی کہ مشورے دئیے، اس کی ترقی کے لئے دعائیں کیں، اپنی کتابوں میں بار بار توجہ دلائی تو یہ یونہی نہیں تھابلکہ ایک پیشگوئی کے ماتحت تھا۔ کیونکہ ایک زمانہ آنا تھا جبکہ لوگوں کے خیالات میں تبدیلی ہونی تھی مگر حضرت مسیح موعودؑ نے اِس سے پیشتر ہی آگاہ کر دیا کہ تم اس سے متأثر نہ ہونا اور گورنمنٹ کے متعلق اپنے وفادارانہ اور ہمدردانہ خیالات رکھنا۔ پس میں بھی حضرت مسیح موعود ؑ کے تتبُّع میں اپنی جماعت کے لوگوں کو آگاہ کرتا رہتا ہوں اور اب بھی کرتا ہوں کہ اِس زمانہ میں جو ناپاک اور گندے خیالات پھیل رہے ہیں اِن سے پورے طور پر بچیں اورنہ صرف خود بچیں بلکہ دوسروں کو بھی بچائیں۔
بعض رئویا ایسے بھی ہوتے ہیں جن کے ایک حصہ کو پورا کرنا انسان کا کام ہوتا ہے۔ دیکھو یہ منارہ ایک پیشگوئی کے پورا کرنے کے لئے حضرت مسیح موعودؑ نے بنوانا شروع کیا تھا جس پر پچیس ہزار روپیہ صَرف ہؤا ہے تو پیشگوئیوں کے بعض حصے ایسے ہوتے ہیں کہ جن کو خدا تعالیٰ پورا کرتا ہے اور بعض ایسے جو انسان کے ذریعے پورے ہوتے ہیں۔ اب اِس وقت خدا تعالیٰ نے اپنا حصہ تو اس طرح پورا کر دیا ہے کہ ایک ایسی لہر پیدا کر دی ہے جس سے لوگوں کے خیالات میں تغیر واقعہ ہو گیا ہے۔ اب دوسرا حصہ ہمارے ساتھ تعلق رکھتا ہے اور وہ یہ کہ ایسے موقع پر ہماری جماعت پوری پوری وفا دار ثابت ہو گی۔ پس میں اپنی جماعت کو نصیحت کرتا ہوں کہ وہ اِس قسم کے خیالات سے اپنے آپ کو بکُلی بچائے جو گورنمنٹ کے خلاف ہوں اور پھر ان کے مٹانے کی پوری پوری کوشش کرے۔ خصوصاً وہ لوگ جو مدرِّس ہیں خواہ یہاں کے سکولوں کے یا باہر کے اِن کی زیر نگرانی جو طلباء ہوں وہ ان میں گورنمنٹ کی وفاداری کا بیج بوئیں۔ طلباء کے دلوں میں بویا ہؤا بیج خوب پھل لاتا ہے۔ گورنمنٹ نے اِس بات کو مانا ہے کہ وہ ایجیٹیشن سخت خطرناک ہوتی ہے جو طالب علموں کے ذریعہ پھیلائی جاتی ہے۔ چنانچہ بنگال کے گورنر نے اپنی تقریر میں یہی کہا ہے۔ اس کے مقابلہ کے لئے ہمیں بھی وہی ذریعہ اختیار کرنا چاہئے یعنی طلباء کے دلوں میں پورے زور کے ساتھ گورنمنٹ کی وفاداری کے خیالات بٹھانے چاہئیں اور جس کو وہ غلطی سے آزادی سمجھتے ہیں حالانکہ وہ آزادی نہیں بلکہ نفس کی قیدہے اس سے انہیں آزاد کرنا چاہئے۔ آجکل جس کو آزادی کہا جاتا ہے وہ ایک سخت خطرناک قید ہے۔ اِن ملکوں کو دیکھو جہاں ا س قسم کی آزادی پائی جاتی ہے اور ان کا گورنمنٹ برطانیہ سے مقابلہ کرو۔ وہ ملک کیوں تباہ اور برباد ہور ہے ہیں؟ اِسی لئے کہ وہ ایک ناجائز بات کو آزای قرار دے رہے ہیں اور ایک دوسرے کی بات نہیں مانتے جو جی چاہتا ہے کرتے ہیں ۔ کیا یہ آزادی کہلا سکتی ہے؟ ہر گز نہیں۔ بلکہ یہ تو تباہی اور ہلاکت کے سامان ہیں۔ لیکن چونکہ طلباء نوجوان ہوتے ہیں اور انہوں نے تازہ تازہ تاریخیں پڑھی ہوتی ہیں جن کے واقعات کو وہ اچھی طرح سمجھے نہیں ہوتے اِس لئے جوش میں آکر ناروا باتوں کے مرتکب ہو جاتے ہیں۔
پس ہماری جماعت کے مدرِّسوں کا خصوصاً اور دوسرے لوگوں کا عموماً یہ فرض ہے کہ ایسے لوگوں کے خیالات کی اصلاح کرتے رہیں۔ چونکہ ہمارا کام دین کی اشاعت ہے اور وہ وابستہ ہے گورنمنٹ برطانیہ سے اِس لئے ہمارے لئے ضروری ہے کہ جس طرح بھی ممکن ہو گورنمنٹ کی مدد اور تائید کریں۔
اللہ تعالیٰ ہماری جماعت کو اِس بات کی توفیق اور سمجھ دے کہ حضرت مسیح موعودؑ کی باتوں کی تصدیق کرے اور ان کو پورا کر کے خدا تعالیٰ کے انعامات حاصل کرنے کی اہل بنے۔‘‘ آمین
(الفضل ۶؍ مارچ ۱۹۱۷ئ)
۱؎ النّٰزعٰت: ۱ تا ۱۴
۲؎ بخاری کتاب الایمان باب حب الرسول من الایمان
۳؎ کیپٹن ڈگلس ڈپٹی کمشنر گورداسپور
۴؎ آتمارام

۵۱
اپنے فرائض ادا کرو
(فرمودہ ۹؍ مارچ ۱۹۱۷ئ)
تشہد ، تعوذ اور سورۃ فاتحہ کے بعد مندرجہ ذیل آیات کی تلاوت کی:۔
۱؎
بعد ازاں فرمایا:۔
’’ایک جماعت ایسی ہوتی ہے جو اپنے منہ سے اِس بات کو تسلیم کرتی ہے کہ فلاں فلاں قواعد و قوانین کی میَں اِتباع کروں گی اور کچھ ایسے لوگ ہوتے ہیں جو اِ ن قواعد و قوانین کی اِتباع کا اقرار نہیں کرتے۔ یہ لوگ بھی جو اِ ن قواعد کو تسلیم نہیں کرتے ان کی خلاف ورزی کرنے پر مجرم ہوتے ہیں لیکن جو اقرار کر کے پھرا ن قواعد پر عمل نہیں کرتے وہ زیادہ مستحق سزا ہوتے ہیں۔ جن لوگوں نے قواعد کو تسلیم ہی نہیں کیا ہوتا اُن کی طرف سے کہا جا سکتا ہے کہ اُنہوں نے ابھی قواعد بنا نے والی حکومت و طاقت کے اختیار کو ہی تسلیم نہیں کیا۔ وہ سمجھتے ہیں کہ اِس قسم کی کوئی حکومت ہے ہی نہیں جو ہمارے لئے قواعد منضبط کرے۔ اگر ہے تو اسے اختیار ہی نہیں کہ ہمارے لئے کسی قسم کے قواعد بنائے اِس لئے ان لوگوں کا انکار تصفیۂ حقوق کے لئے ہے۔ مگر جو اِن قواعد کو مان کر انکار کرتے ہیں وہ بغاوت کرتے ہیں۔
ان دونوں گروہوں میں فرق ہے۔ اوّل گروہ جس نے ابھی قواعد کو تسلیم نہیںکیا اُس کے افراد تو کہتے ہیں کہ ہم ماننے کے لئے تیار ہیں مگر ہمیں یہ تو سمجھا دیا جائے کہ آپ کو ان قوانین کے بنانے کا اختیار بھی ہے؟ پس جب آپ یہ ثابت کر دیں گے تو ہم مان لیں گے۔ مگر دوسرے گروہ کی حالت بالکل اس کے مخالف ہے۔اس کے افراد کہتے ہیں کہ بے شک آپ کو اختیار ہے کہ آپ قواعد بنائیں اور ہم سے منوائیں اور ہم اِس بات کو مانتے ہیں مگر ان پر عمل نہیں کریں گے۔ پس جنہوں نے تصفیۂ حقوق نہیں کیا ہوتا ان کی نسبت وہ لوگ زیادہ مستحق سزا و عقوبت ہوتے ہیں جو حکومت کو مانتے ہوئے پھر اس کے احکام کا انکار کرتے ہیں۔
حضرت خلیفہ اوّل ایک راجہ کا قصہ بیان فرمایا کرتے تھے۔ اُس نے آپ سے کہا مولوی صاحب! آپ نے بھی کوئی بت رکھا ہوا ہے یا نہیں؟ آپ نے فرمایا نہیں راجہ صاحب ہم نے توکوئی بت نہیں رکھا ہوا۔ اُس نے کہا مولوی صاحب! کوئی تو ہو گا؟فرمایا نہیں کوئی بھی نہیں۔ حیران ہو کر کہنے لگا۔ مولوی صاحب! سچ مچ کوئی بھی نہیں؟ آپ نے فرمایاراجہ صاحب! سچ مچ کوئی نہیں۔ کہنے لگا۔ مولوی صاحب! میں آپ کو نصیحت کرتا ہوں کہ اَور کوئی بت رکھیں یا نہ رکھیں مگر ’’درگا‘‘ کا ضرور رکھ لیں اِس کا رکھنا نہایت ضروری ہے۔ آپ نے فرمایا۔ راجہ صاحب! ہم تو کسی درگا وغیرہ کے قائل نہیں اور نہ ہی اس کا بت رکھتے ہیں۔ راجہ صاحب نے کہا۔ مولوی صاحب! اب میں سمجھا کہ کیوں آپ کو یہ نقصان نہیں پہنچا سکتے۔ آپ تو ان کی حکومت میں ہی نہیں ہیں اِس لئے وہ آپ کو کوئی گزند نہیں پہنچا سکتے مگر ہم تو ان کی حکومت میں ہیں اگر ہم ان کے خلاف کریں تو وہ ضرور ہم کو نقصان پہنچاتے ہیں۔ اس کی مثال ایسی ہی ہے جیسے کوئی ہماری ریاست میں رہ کر ہمارے قوانین کے خلاف کرے تو ہم اُس کو سزا دے سکتے ہیں مگر جو ریاست کے باہر جا کر ہمارے قوانین کے خلاف کرے ہم اُس کا کچھ نہیں بگاڑ سکتے۔
اس کی یہ بات درست نہیں کیونکہ بت کوئی چیز نہیں ہیں مگر جس اصل کے ماتحت اس نے بیان کیا ہے وہ درست ہے کہ جب کسی کو تسلیم ہی نہیں کرتا اور اُس کی حکومت سے ہی باہر ہوتا ہے تو وہ اسے کوئی سزا نہیں دے سکتا مگر جو حکومت کو مانتا ہو اُس کے خلاف کرتا ہے اُس کو ضرور سزا دی جاتی ہے۔
فقہائے اسلا م میں اِس بات پر بحث ہوئی ہے کہ کفار پر اوامرِ شرعیہ کا بجالانا واجب ہے یا نہیں؟ ان میں سے جو محققین ہیں وہ اس طرف گئے ہیں کہ مسلمان جو شریعت کی حکومت کو تسلیم کرتے ہیں ان پر تو بے شک احکامِ شرعیہ کی بجا آوری فرض ہے مگر جو شریعت اسلام کو ہی نہیں مانتے وہ احکامِ شریعت کے ماننے پر مکلف نہیں۔ ان سے صرف یہ مطالبہ ہو گا کہ تم نے اسلام کیوں قبول نہیں کیا؟ مگر ایک مسلمان سے یہ سوال ہو گا کہ تم نے اسلام تو قبول کر لیا مگر اسلام نے جو احکام بتائے تھے اُن کو تم نے کیوں تسلیم نہیں کیا؟
بہت دفعہ جب مسلمانوں کو کہا جاتا ہے کہ تم پر جو ذلت ونکبت و اِدبار آرہا ہے وہ اس لئے ہے کہ تم نے اسلام کو پس پشت ڈال دیا ہے اور شریعت اسلام کی پابندی کو چھوڑ دیا ہے تووہ اکثر یہ کہتے ہیں کہ اگر ہمارا ان عذابوں اور ذلتوںمیں گرفتار ہونا یہ ثابت کرتا ہے کہ ہم نے اسلام کے احکام کی پابندی کو چھوڑ دیا ہے تو عیسائی، موسائی اور دیگر اقوام جو ہر بات میں روز افزوں ترقی کر رہی ہیں ان کی ترقی کا کیا سبب ہے؟ حالانکہ ہم لوگ تو اسلام کی صداقت کو مانتے ہیں مگر وہ تو اس کے نام تک سے متنفر ہیں پھر وہ کیوں دن بدن ترقی کر رہے ہیں؟ اس سے معلوم ہوا کہ ہماری ذلت و اِدبار کو احکامِ اسلام کی نافرمانی کا باعث قرار دینا کسی طرح درست نہیں ہے۔
اِس کا جواب یہ ہے کہ وہ لوگ جو ترقی کر رہے ہیں اُنہوں نے اسلام کو قبول ہی نہیں کیا اور اسلام کو قبول نہ کرنے کی سزا اُن کو اِس جہان میں نہیں بلکہ اگلے جہاں میں ملے گی۔ اِس جگہ جو کسی کوسزا ملتی ہے تو وہ حق کے مقابلہ اور شرارت کے باعث ملتی ہے۔ مجھے اچھی طرح یاد ہے کہ ایک دفعہ حضرت مسیح موعود ؑ اِسی مسجد سے گھر کی طرف جا رہے تھے جب اُس بڑے مکان کے بِالمقابل پہنچے تو اپنی چھڑی کو زمین پر مارتے جارہے تھے اور فرماتے تھے کہ اگر یہ لوگ میری اور میری جماعت کی مخالفت میں شرارت اور فتنہ کو چھوڑ دیں تو خدا تعالیٰ ضرور اِن کو طاعون سے نجات دے دے کیونکہ خدا تعالیٰ نہ ماننے پر اِ س دنیا میں سزا نہیں دیتا بلکہ آخرت میں دیتا ہے اور یہاں اُس وقت سزا دیتا ہے جبکہ لوگ شرارت اور فتنہ پر دازیوں سے حق کا مقابلہ کرتے ہیں۔
مسیحیوں کا ترقی کرنا اِس لئے ہے کہ وہ اسلام کو سرے سے مانتے ہی نہیں اور مسلمانوں کا عذابوں میں گرفتار ہونا اس لئے ہے کہ وہ بغاوت کے مرتکب ہیں۔ یعنی اسلام کو مان کر پھر اس کے احکام کی خلاف ورزی کرتے ہیں اس لئے خدا ان کو سزا دیتا ہے۔ اور اگر مسلمانوں کو ان کی اس بغاوت کی کوئی سزا نہ ملتی تو حق و باطل کی تمیز ہی اُٹھ جاتی۔ا ب ان کو سزا ملنے سے پتہ لگتا ہے کہ کوئی خدا ہے جو دیکھ رہا ہے۔ اگر اس کی بات کو مان کر پھر اس کی خلاف ورزی کی جائے تو وہ سزا دیتا ہے۔لیکن جو اس کے احکام کو ہی نہیں ماننے ان کے لئے بھی سزا ہے مگر وہ اَور قسم کی ہے اور آخرت میں ملتی ہے۔ وہ جو مان کر انکار کرتے ہیں اُن کو یہیں سزا دی جاتی ہے۔
پس یہ اصل ثابت شدہ ہے کہ جب کوئی قوم خد اکے قوانین کو چھوڑ دیتی ہے تو خدا تعالیٰ ایک نبی کو بھیجتا ہے۔ جب وہ قوم اُس کا مقابلہ کرتی ہے اور شرارت اور فتنہ سے اس کے مقابلہ میں کھڑی ہوجاتی ہے اور اُس سے گستاخی سے پیش آتی ہے تو اللہ تعالیٰ اُس قوم کو اپنے عذاب میں پکڑ لیتا اور سزا دیتا ہے مگر یہ عذاب اُس کی شرار ت اور گستاخی کے باعث ہوتا ہے نہ اس لئے کہ اُس نے اُس نبی کو کیوں تسلیم نہیں کیا۔
اِس اصل کے ماتحت میں جماعت کے تمام لوگوں کو خواہ وہ قادیان کے رہنے والے ہوںیا باہر کے متوجہ کرتا ہوں کہ تم نے ایک نبی کے ذریعہ اسلام کے احکام پر عمل کرنے کاتہیہ کیا ہے مگر دوسروں نے اِس نبی کے ہاتھ پر کوئی اقرار نہیں کیا۔تم نے یہ اقرار کیا ہے کہ ہم دین کو دنیا پر مقدم کریں گے مگر اُنہوں نے اِس قسم کا کوئی عہد نہیںباندھا۔ اگرچہ وہ اِس نبی کو نہ ماننے کی وجہ سے خدا تعالیٰ کے مؤاخذہ کے نیچے ہیں مگر تم جنہوں نے یہ عہد کیا ہے ا گر اس کے خلاف کروگے تو بہت زیادہ سزا کے مستحق بنوگے۔ اگر وہ اِدھر توجہ نہ کریں تو اُنہیں اِس پر سزانہیں دی جائے گی کیونکہ وہ اِس سے بُری ہیں کہ عہد باندھ کر اس کے خلاف کر رہے ہیں مگر ہماری جماعت کے لوگوں نے تو یہ عہد کیا ہے کہ یہ اپنی جان، اپنے مال، اپنے آرام کو خدا کی راہ میں قربان کریں گے۔ پھر اگر تم اپنی خوشی سے اِس عہد کو پورا نہیں کرو گے اور خدا کے عہد کو فراموش کر دو گے تو وہ زبردستی پورے کر ائے گااور اُس وقت تم کچھ نہیں کرسکو گے۔
تھوڑا ہی عرصہ ہوا۔ گورنمنٹ برطانیہ کے وزراء نے اعلان کیا تھا کہ گورنمنٹ کو قرضہ کی ضرورت ہے ا گر خوشی سے روپیہ دو تو بہت اچھی بات ہے۔ اِس پر علاوہ خوشنودی سرکار کے سُود بھی بہت دیا جائے گا لیکن اگر اپنی خوشی سے روپیہ نہیں دوگے تو پھر گورنمنٹ اس قسم کے قوانین بنائے گی کہ مجبوراًتم کو روپیہ دینا پڑے گا اور پھر سُود بھی اُس شرح سے نہیں دیا جائے گا۔
حضرت مسیح موعود علیہ السلام فرمایا کرتے تھے کہ اللہ تعالیٰ کے دو قسم کے ابتلاء ہیں۔ ایک تو وہ جو خدا تعالیٰ خود انسان کو اختیار دیتا ہے کہ تم خود اپنے اُوپر وارد کر لو۔ جیسے نماز ہے، سردی کا موسم ہے وضوکرنا ہے، ٹھنڈے پانی کو اگر گرم کر لیا جائے تو کوئی ممانعت نہیں، جس طرح انسان آرام دیکھے کر سکتا ہے۔ پھر روزہ ہے۔ موسم سخت ہے اس کے لئے انسان ایسا انتظام کرسکتا ہے کہ بھوک نہ لگے، ایسی مقوی غذائیں کھائے جو اُسے ناطاقت نہ ہونے دیں۔ یا ایسی ثقیل خوراک کھائے جو شام تک ہضم ہو۔ پھر زکوٰۃ ہے کہ انسان سال بھر میں ایک دفعہ اپنے مال کا کچھ حصہ خدا کی راہ میں دے دے۔ پھر حج ہے اس کے لئے یہ نہیں کہ ہر سال کوئی حج کرے بلکہ تمام عمر میں ایک دفعہ جب موقع ملے اور فراغت دیکھے تو حج ادا کرے۔ یہ ایسی ریاضتیں ہیں جن کے ادا کرنے کا انسان کو اختیار دیا گیا ہے۔ اور یہ ایسی ہی بات ہے جیسا کہ کوئی استاد اپنے شاگرد کو کہے کہ تم اپنے آپ کو اتنے بید لگا لو جب وہ خود لگائے گا تو استاد کی نسبت ضرور ہی ہلکے لگائے گا۔ جب انسان اِس تکلیف کو اپنے لئے پسند نہیں کرتا جس کا اُسے اختیار دیاجاتا ہے اور اُس کو اپنے پر وارد نہیں کرتا تو پھر خداتعالیٰ خود سزا دیتا ہے اور پھر وہ سزا بہت سخت ہوتی ہے۔ جیسے جب کوئی لڑکا خود اپنے تئیںبید نہ مارے تو پھر استاد خود مارتا ہے اور اِس نرمی اور احتیاط سے نہیں مارتا جس سے خود لڑکا اپنے تئیں سزا دے سکتا تھا۔ اِسی طرح جب انسان خدا کے مقررکردہ پہلے اُن ابتلائوں کو جو خدا نے اُس کے اختیار میں دے رکھے ہیں اپنے پر وارد نہیں کرتا تو خدا خود اسے ابتلا ء میں ڈالتا ہے۔ اگر وہ ٹھنڈے پانی کی وجہ سے نماز ادا کرنے سے جی چراتا ہے جسے وہ گرم بھی کر سکتا تھا توا سے ایسے ٹھنڈے پانی میں غرق کر دیا جاتا ہے جس سے وہ کبھی نکل نہیں سکتا۔ اور اگر وہ اپنی خوشی سے خدا کے لئے ۱۲ گھنٹے فاقہ برداشت نہیں کر سکتاتو خدا اُس کو ایسے فاقہ میں ڈال دیتاہے کہ اُسے مانگنے سے بھی کچھ نہیں ملتا۔پھر اگر وہ خدا کی رضا کے کے لئے اپنی خوشی سے زکوٰۃ نہیں دیتا تو خدا اُس کا سارا مال برباد کر دیتا ہے اور وہ دیکھتا رہ جاتا ہے۔ پھر اگر انسان خود اپنی خوشی سے خدا کی راہ میں عمر بھر میں باوجود ہر قسم کی سہولتوں اور ہر قسم کے امن و امان کے ایک دفعہ بھی حج نہیں کرتا تو خدا ایسی جلاوطنیوں میں ڈال دیتا ہے کہ اُس کو اپنے وطن کا کچھ پتہ نہیں رہتا۔لیکن اگریہ خود بخود اپنے لئے ان سزائوں کو جو اس کے اختیار میں خدا نے رکھی ہیں تجویز کر لے تو اِس پر کوئی بوجھ نہیں ہو گا بلکہ اِس حالت میں خدا تعالیٰ ا س کا ممدومعاون ہوتا ہے۔ ہاں اگر وہ ان ابتلائوں سے جی چرائے تو اس کے لئے کوئی ممد نہیں رہتا۔
پس میں اپنی جماعت کے لوگوں کو وہ عہد یاددلاتا ہوں جو اُنہوں نے حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام کے ہاتھ پر کیا کہ ہم دین کو دنیا پر مقدم کریںگے۔ اب حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام نے جو کام مقرر فرمائے ہیں اُن میں سے تبلیغ ہے، مدرسہ ہے، رسالہ ہے، لنگر ہے، وغیرہ وغیرہ ۔ اِن کی ضرورت دن بدن بڑھتی چلی جار رہی ہے۔ چاروں طرف سے مبلغوں کے مانگنے کی صدائیں آرہی ہیں۔ ان کاموں کوچلانے کے لئے حضرت مسیح موعودؑ نے ہر ایک احمدی پر اس کی حیثیت کے مطابق چندہ مقرر فرمایا ہے جس کا ادا کرنا ہر ایک پر فرض ہے۔ حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام کے اس ارشاد کے ماتحت بہت سے ایسے ہیں جو اپنی حیثیت سے بھی بڑھ کر چندہ دیتے ہیں اور بہت سے ایسے بھی ہیں جو حیثیت کے مطابق دیتے ہیں اور بہت سے ایسے ہیں جو حیثیت سے کم۔ لیکن بہت سے ایسے بھی ہیں جو مطلق کچھ نہیں دیتے۔ میں ایسے لوگوں کو یہ اصل یاد دلاتا ہوں کہ تم نے حضرت مسیح موعودؑ کے دست مبارک پر اقرارکیا ہوا ہے کہ ہم دین کو دنیا پر مقدم کریںگے لیکن اگر تم اس اقرار کو پورا نہیں کرو گے تو بتلائو کہ پھر تم سزا کے مستوجب ٹھہر وگے یا نہیں؟ ضرور تم سزا کے مستوجب ٹھہرو گے۔ یہ بالکل ایسی ہی بات ہے جیسی کہ گورنمنٹ کے وزراء نے کہی کہ اگر تم خوشی سے گورنمنٹ کو قرض دو تو سُود ملے گا اور اگر نہیں دو گے تو پھر ایسے قوانین بنائے جائیں گے جن کے تحت تم کو مجبوراً دینا پڑے گا اور اُس وقت تم کو اس شرح سُود سے بھی جو اِس وقت دیا جاتا ہے نہیں دیا جائے گا۔ پس یہی حال یہاں بھی ہو گا۔ اگر اپنے عہدوں کو یاد کرو اور خوشی سے ان کاموں کوا نجام دیتے رہو جو خدا کا مسیح تم پر مقرر کر گیا ہے تو بڑا نفع اور بڑا فائدہ پائو گے۔ اور اگر اپنی خوشی سے ایسا نہیں کرو گے تومجبور کر کے تم سے لیا جائے گا اور اُس وقت تمہارے لئے کوئی اَجر نہ ہو گا۔ خدا تعالیٰ کی راہ میں جو کچھ دیا جاتا ہے اللہ تعالیٰ اسے بھی قرض سے ہی تعبیر فرماتا ہے کہ اگر تم ہم کو قرض دو گے تو ہم تمہیں بہت سُود یعنی نفع دیں گے۔ ۲؎ لیکن اگر خدا کے دین کیلئے نہیں دو گے تو پھر اپنے مآل کار کی طرف دیکھو اور اُس سزا پر غور کرو جو مان کر اُس کے خلاف کرنے والوں کے لازمِ حال ہے۔ گورنمنٹ تو زیادہ سے زیادہ پانچ فیصد سُود دیتی ہے لیکن خدا کو قرض دینے والے کو جو نفع خدا کی طرف سے ملتا ہے وہ اِس سے کہیں زیادہ ہے۔ غرض خدا کی طرف سے ملنے والے نفع کو اس نفع سے کچھ نسبت نہیں ہے۔ پس اگر تم خدا کی راہ میں خوشی سے اپنے مال قربان نہیں کرو گے تو یاد رکھو کہ تمہارے مال تمہارے کسی کام نہیں آئیں گے کیونکہ اگر کوئی خدا کے لئے اپنے مال کو قربان نہیں کرتا تو اُس کو مجبوراً چھوڑنا پڑے گا اور اگر کوئی خدا کے لئے اپنے تعلقات کو قربان نہیں کرتا تو اُ س کو تمام تعلقات مجبوراً قطع کرنے پڑیں گے۔ پس جب تک تمہارے اختیار میں ہے خوشی سے کرو اور اگر اپنی خوشی سے نہ کرو تو پھر خدا تعالیٰ تم سے مجبوراً کرائے گا۔
میں اپنی جماعت کو اُس کے عہد یاد دلاتا ہوں۔ اِس وقت خدا کے دین کیلئے جانوں کی ضرورت نہیں بلکہ مال کی ضرورت ہے اور تم نے یہ عہد کیا ہوا ہے کہ ہم دین کو دنیا پر مقدم کریں گے۔پس خوشی سے دین کے کاموں میں حصہ لو اور بڑھ بڑھ کر قدم آگے بڑھائو۔ اس کے بدلہ میں تمہارے لئے بڑے بڑے اجر ہیں جیسا کہ اللہ تعالیٰ فرماتا ہے۔۳؎
اِسی طرح حدیث میں آیا ہے لَا عَیْنٌ رَأَتْ وَ لَا اُذُنٌ سَمِعَتْ وَلَا خَطَرَ عَلٰی قَلْبِ بَشَرٍ۔ ۴؎ پس اگر ہم خوشی سے ان فرائض کو انجام دیں گے تو ہمارے لئے بڑے انعامات ہیں۔ لیکن اگر خوشی سے ادا نہ کریں گے تو پھر خود ہی سمجھ لو کہ کیا ہو گا۔ جس طرح کوئی ایسا نفع نہیں جو خدا نہ دے سکتاہو اسی طرح کوئی سزا ایسی نہیں جو وہ نہ دے سکتا ہو۔ خدا تعالیٰ ہمارے کاموں کو دن بدن بڑھارہا ہے اور اِن کا بڑھنا بتلاتا ہے کہ ہم اِس کو برداشت کر سکتے ہیں کیونکہ خدا تعالیٰ فرماتا ہے ۵؎ اگر ہم برداشت نہ کر سکتے تو وہ ہم پر اور بوجھ نہ ڈالتا۔ یہ جدا بات ہے کہ ہم سستی کریں اور اِس کو اچھی طرح نہ سنبھالیں۔ ابھی نائیجیریا میں ایک سَو سے زیادہ احمدی ہوئے ہیں، ہمارا تو کوئی آدمی وہاں نہیں گیا خدا نے خود ہی اُن کو احمدیت کی طرف راہنمائی کی ہے۔ وہ لوگ اب مبلغ چاہتے ہیں اگر اُن کو مبلغ نہ دیا جائے تو وہ اَور ترقی نہیں کر سکتے۔پس اُن کے لئے فوراً آدمی چاہئے۔ اسی طرح اَور کئی جگہوں کے لئے مبلغوں کی ضرورت ہے۔ پس تم خدا تعالیٰ کے دین کی نصرت کے لئے اُٹھ کھڑے ہو۔ خدا تعالیٰ سے دعا ہے کہ ہمیں اُن سب فیوض کے حاصل کرنے کی توفیق دے جو راستبازوں کے لئے ہیں اور پہلے انبیاء کی جماعتوں کو ملے ہیں۔ا للہ تعالیٰ ایسا ہی کرے۔‘‘ آمین
(الفضل ۱۳؍ مارچ ۱۹۱۷ئ)
۱؎ البقرۃ: ۲ تا۶ ۲؎ البقرۃ: ۲۴۶ ۳؎ السجدۃ: ۱۸
۴؎ بخاری کتاب التفسیر۔ تفسیر سورۃ السجدہ
۵؎ البقرۃ: ۲۸۷
۵۲
خدا تعالیٰ کے نزدیک بڑائی کا معیار تقویٰ ہے
(فرمودہ ۱۶؍ مارچ ۱۹۱۷ئ)
تشہد، تعوذ اور سورۃ فاتحہ کے بعد حضور نے مندرجہ ذیل آیات کی تلاوت کی:۔
۱؎
اور فرمایا:۔
’’انسان فخر اور بڑائی کے عیب میں جب مبتلا ہو جاتا ہے تو بہت سے گناہ اُ س سے سرزد ہوتے ہیں۔ منجملہ ان کے دوسروں کی عیب چینی بھی ہے۔ اللہ تعالیٰ کو وہ انسان جب عیب چین ہو اور کسی مومن کو فتنہ میں ڈالے پسند نہیں ہے۔
اِس میں شک نہیں کہ جو انعامات خدا تعالیٰ بندوں کو دیتاہے وہ محض اپنے فضل اور احسان سے ہی دیتا ہے۔دیکھو ایک نماز پڑھنے والے کو نماز پڑھنے کی طاقت کہاں سے ملی ہے؟ ظاہر ہے خدا تعالیٰ سے۔ انسان کی آنکھیں ہیں، اس کا دل ہے، اُنگلیاں ہیں، غرض جتنے وہ اعضاء ہیں جن کو انسان عبادت میں لگاتاہے وہ اللہ تعالیٰ کی بخشش اور انعام ہیں اس لئے ان کے ذریعہ سے جو نتیجہ بر آمد ہو گا وہ بھی اللہ تعالیٰ کا فضل اور احسان ہی ہے۔ اور یہ ایسی ہی بات ہے کہ جس طرح کسی کو کوئی کچھ چیزیں دے اور کہہ دے کہ تم ہماری ان دی ہوئی چیزوں کو خرچ کرو اور ان سے فائدہ اُٹھائو۔ا ب جب وہ ان سے فائدہ اٹھائے گا تو اس کا دینے والے پر کوئی احسان نہیں ہوگا بلکہ دینے والے کا اُس پر احسان ہو گا۔ اِسی طرح انسان جب خدا تعالیٰ کی دی ہوئی چیزوں کو اُسی کی راہ میں صرف کر کے انعام حاصل کرتا ہے تو اللہ تعالیٰ اس انعام کا نام جزاء رکھتا ہے جو کہ اس کا احسان اور محض بندہ نوازی اور اپنے غلاموں کی قدر افزائی ہے کہ اس کا نام جزاء رکھتا ہے کیونکہ ہماری اپنی تو کوئی چیز نہیں ہر ایک چیز اسی کی دی ہوئی ہے۔
غرض جس قدر نیکیاں ہیں وہ سب درحقیقت خدا تعالیٰ کا احسان ہیں انسان کی ہنر مندی کا ان میں کچھ دخل نہیں لیکن پھر بھی خدا تعالیٰ ان کا نام جزاء رکھتا ہے جو صرف قدر افزائی اور مزید احسان کرنے کے لئے ہے۔
بعض لوگوں کابعض پر کسی قسم کا حق ہوتا ہے جس کے لینے کے وہ اس لئے حقدار ہوتے ہیں کہ اُنہوں نے فی الواقعہ ان کا کوئی کام کیا ہوتا ہے مگر خدا تعالیٰ جو انسان کے کاموں کا اجر دیتا ہے وہ اس لئے نہیں دیتا کہ انسان ا س کا کوئی کام کرتا ہے بلکہ وہ صرف اس لئے انسان کا حق کہلاتا ہے کہ خدا تعالیٰ نے اپنے اوپر اس کو مقرر کر لیا ہے اور خود اس کا نام حق رکھ دیا ہے ورنہ بندہ کا خدا تعالیٰ پر کیا حق ہے۔ اگر کوئی انسان فرائض بھی اداکرتا ہے تو وہ خدا تعالیٰ کا کوئی کام نہیں کرتا کیونکہ وہ سب طاقتیں جن کے ذریعہ فرائض کو پورا کرتا ہے انسان کو خدا ہی کی دی ہوئی ہیں۔ پس فرائض کے ادا کرنے میں جو اجر خدا تعالیٰ دیتا ہے اگرچہ وہ اس کا نام جزاء رکھتا ہے لیکن دراصل وہ بھی اس کا احسان اور انعام ہی ہے۔
غرض انسان کو جو اَجر بھی ملتا ہے وہ سب خدا کی طرف سے انعام اور احسان ہوتا ہے اگر کوئی انسان اُس پر بے جا فخر کرے اور دوسروں پر جن کو وہ چیز نہیںملی ہوتی ہنسی اور ٹھٹھا کر ے تو پھر اُس سے بھی چھین لی جاتی ہے۔دیکھو ایک بچہ کو کوئی مٹھائی یا کوئی اَور ایسی چیز دی جائے جس کا دوسرے بیمار بچے کو دینا مناسب نہ ہو اور وہ بچہ اس بیمار کے پاس جائے اور اس کو وہ چیز دِکھا دِکھا کر چڑائے اور رُلائے تو ماں باپ ہرگز یہ پسند نہیں کریں گے کہ اس کے پاس وہ چیز رہنے دیں بلکہ اس سے فوراً چھین لیں گے تاکہ دوسرے بچہ کو تنگ نہ کرے۔ اِسی طرح اگر کسی شخص کو خدا تعالیٰ نے کوئی درجہ یا مرتبہ دیا ہویا کوئی اَور انعام اُس پر کیا ہو اور وہ اُس پر فخر کر کے اللہ تعالیٰ کی دوسری مخلوق کو چڑائے اور ان کی تذلیل وتحقیر کرے تو خداوندکریم بھی جو اپنی مخلوق کے ساتھ ماں باپ سے بھی کہیں زیادہ محبت اورپیار رکھتا ہے اُس سے اپنے انعام واپس لے لیتا ہے تاکہ وہ اُس کی مخلوق کی تحقیر نہ کر سکے۔
اِس ملک ہندوستان میں بڑے بڑے گھرانے ایسے گزرے ہیں جو اپنے رُتبہ اور درجہ کے گھمنڈ میں یا خدا تعالیٰ کے کسی اَور انعام کے حاصل ہونے کی وجہ سے دوسروں کی تذلیل اور تحقیر کرتے تھیمگر آج کوئی جا کر دیکھے کہ ان کا نام و نشان بھی باقی نہیں رہا اور انقلابِ زمانہ کے ایسے چکر میں پڑے اور ایسے ذلیل ہوئے کہ اب اُن کی اولاد کو کوئی جانتا تک نہیں۔ اس کے مقابلہ میں جن کی تحقیر اور تذلیل کیا کرتے تھے اُن کو خداوند تعالیٰ نے بہت بڑا اور اُونچا کر دیا۔ ہنسی کرنے اور دوسروں کو تحقیر کی نظر سے دیکھنے والے چھوٹے ہو گئے اور جن پر ہنسی کی گئی وہ بڑے اور معزز ہو گئے۔کیونکہ عزت اور بڑائی کوئی ایسی چیز نہیں جو ہمیشہ ایک ہی قوم کے لوگوں کے پاس رہنے والی ہو بلکہ سائے کی طرح پھرتی رہتی ہے۔ جس کا نتیجہ یہ ہوا ہے کہ آج ایک شخص معزز ہے مگر کل ذلیل ہو جاتا ہے اور کل ایک ذلیل تھا مگر آج ا ُس کو خدا وند تعالیٰ نے معزز بنادیا ہے۔
دیکھو یہی سا ہنسی جو آجکل مارے مارے پھرتے ہیں اور جن کی عورتیں اور بچے ہر جمعہ کو اس مسجد کے دروازوں پر تم سے بھیک مانگتے ہوئے تمہارے لئے عبرت کا نمونہ بن کر بیٹھے ہوتے ہیں اِن کے متعلق پرانی روایات سے ثابت ہے کہ ہندوئوں کے آنے سے پیشتر اِس ملک کے یہی مالک اور بادشاہ تھے۔ جب اِن کی حکومت ہوتی تھی تو یہ بھی کسی قوم سے نفرت کرتے اور اسے حقیر سمجھتے اور نیچ ذات بتاتے ہوں گے مگر آج جو اِن کی حالت ہے وہ تم دیکھ رہے ہو۔ کیا تم جس شخص کو ادنیٰ سے ادنیٰ بھی خیال کر سکتے ہو وہ گوارا کرے گا کہ اِن کولڑکی دینا تو الگ رہا انکی لڑکی لے۔ اِسی قسم کی اَور کئی قومیں ہیں۔ مثلاً نٹ وغیرہ۔ایک زمانہ تھا کہ یہ اس ملک کے بادشاہ تھے، اپنی حکومت وسلطنت پر فخر کرتے تھے، اپنے زیر دستوں کو ذلیل و حقیر سمجھتے تھے لیکن اب دیکھو دنیا اِن کو کیا سمجھتی ہے۔
اصل بات یہ ہے کہ اللہ تعالیٰ فخر کرنے اور دوسرے کو ذلیل سمجھنے سے سخت ناراض ہو جاتا ہے اور وہ باتیں جن کے باعث کوئی قوم یا کوئی انسان دوسروں کو تنگ کرنے اور ذلیل کرنے کیلئے فخر کرے چھین لیتا ہے اور پھر ایسے رنگ میں سزا دیتا ہے کہ جس کا کوئی علاج نہیں ہو سکتا۔
جہاں خدا تعالیٰ کی مخلوق کو حقیر کرنے کے لئے فخر کرنا خطرناک اورنہایت بُری بات ہے وہاں تکبر اور عیب چینی بھی نہایت ہی بُرے افعال ہیں کیونکہ ان سے فتنے بڑھتے ہیں۔ دیکھو مذہبی تاریخ میں سب سے پہلا گناہ اِباء و استکبار ہی ہے۔ ۲؎ خدا تعالیٰ نے ایک کوبلند کیا اور دوسرے کو کہا کہ تم اس کی اطاعت کرو مگر اُس نے انکار اور تکبر کیا اس لئے وہ کافر یعنی نا شکرا ہو گیا حالانکہ اس کو شرم کرنی چاہئے تھی اور سوچنا چاہئے تھا کہ اگر مجھ کو کوئی رُتبہ حاصل ہے تو وہ کس نے دیا ہے؟ اُسی نے جو اَب اطاعت اور فرمانبرداری کا حکم دے رہا ہے۔ پھر اسے سوچنا چاہئے تھا کہ یہ رُتبہ مجھے کسی اپنی محنت اور کوشش سے حاصل نہیں ہوا بلکہ خدا تعالیٰ نے محض اپنے فضل اور احسان کے طور پر دیا ہے۔ پھر میں کون ہوں جو اِس رُتبہ کے باعث دوسرے کو اپنے سے کم ترسمجھوں اور اُس کی اطاعت سے انکار کردوں جس کی نسبت خدا تعالیٰ حکم دے رہا ہے۔ مگر اس نے اِباء واستکبار سے کام لیا جس کا نتیجہ یہ نکلا کہ خدا نے اسے ذلیل اور خوار کر دیا۔ اُس نے اپنے تئیں آدمؑ کے مقابلہ میں بڑا جانا اس لئے ذلیل کیا گیا۔ اُس نے آدمؑ کو حقیر سمجھامگر خدا نے اسے بلند کر دیا۔پس استکبار سے بہت بچنا چاہئے۔
دیکھو جب ابلیس نے تکبر کیا اور کہا ۳؎ کہ میں اس آدم سے بہتر ہوں تو خدا تعالیٰ نے اس سے وہ بزرگی جس کے باعث اس نے یہ دعویٰ کیا تھا چھین لی۔ اور ہر ایک اِس طرح کرنے والے سے خدا تعالیٰ یہی سلوک کرتا ہے۔کیوں؟ اس لئے کہ تکبر کرنے کا نتیجہ یہ ہوتا ہے کہ جن لوگوں پر تکبر کا اظہار کیا جاتا ہے وہ فتنہ میں پڑ جاتے ہیں اور کسی کو فتنہ میں ڈالنے والے انسان پر خدا تعالیٰ بڑی سخت ناراضگی کا اظہار کرتا ہے۔ چنانچہ فرماتا ہےکہ جن لوگوں نے مسلمان مردوں اور عورتوں کو فتنہ میں ڈالا اُن کیلئے جہنم کا عذاب اور جلنے کا عذاب ہے۔
پس یہ کوئی معمولی بات نہیں بلکہ بہت بڑی بات ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اس کے متعلق اللہ تعالیٰ ایسا سخت عذاب بیان فرماتا ہے لیکن بہت سے ایسے لوگ ہیں جو ایسی باتوں کو معمولی اور چھوٹا خیال کرتے ہیں۔لیکن جو لوگ دوسروں کی عیب چینیاں کرتے ہیں اُن کی ابتداء ابلیس سے ہے اور انتہاء جہنم ہے۔پس جس کی وجہ سے کوئی شخص فتنہ میں پڑتا ہے وہ جہنم کا وارث بنتا ہے مگر کس قدر تعجب کا مقام ہے کہ بہت سے لوگ ہیںجو شراب پینے اور چوری کرنے والوں کو حقارت سے دیکھتے ہیں مگر جب کوئی عیب چینی کرے، دوسروں کو ذلیل جانے اور ان پر اپنا فخر جتائے تو کہہ دیتے ہیں کہ یہ بڑا آدمی ہے۔ پھر ہنسی ہنسی میں دوسروں کو کمینہ اور رذیل وغیرہ کہہ دیتے ہیں جس کا نتیجہ نہایت خطرناک ہے۔ اللہ تعالیٰ فرماتا ہے پس یہ جرم کوئی معمولی اور چھوٹا جرم نہیں بلکہ بہت بڑا ہے اور انسان کو کافر اور جہنمی بنا دیتا ہے۔
پھر اگر کوئی کہے کہ میں فلاں ذات کا آدمی ہوں جو بڑی معزز ہے اور دوسرا رذیل قوم کا ہے اور اس طرح اس کی تحقیر کرے۔ تو یہ محض جہالت اور نادانی ہے اگر کوئی خدا تعالیٰ کی نعمت کے شکریہ کے طور پر کہے تو اَور بات ہے ورنہ جو دوسروں کو حقیر سمجھ کر کہتا ہے کہ ہم مغل یا پٹھان یا سید ہیں اور تم فلاں ذات کے ہو جو رذیل ہے تو اس کا یہ فعل نہایت لغو اور بے ہودہ ہے۔ اِس طریق سے اپنی ذات پر فخر کرنا میری سمجھ میں تو کبھی نہیںآیا کیونکہ ذاتوں کی حفاظت کا صحیح ثبوت کوئی نہیں دے سکتا بلکہ تھوڑے تھوڑے عرصہ اور قریب قریب کے زمانہ کے بعد ہی فرق پڑ جاتا ہے۔ مثلاً ایک خاندان سید یا مغل یا پٹھان ہے مگر افلاس نے اُسے مجبور کر دیا ہے کہ موچی کا کام کرے اور وہ یہ کام کرنے لگ گیا ہے۔ اب جب دو تین پشتیں اِس کام پر اُس کی گزر جائیں گی تو سب لوگ انہیں موچی ہی کہنا شروع کر دیں گے اور بعض دفعہ تو وہ لوگ خود بھی نہیں جانتے کہ ہم اصل میں کون تھے لیکن اگر جانتے بھی ہوں اور وہ کہیں کہ ہم فلاں قوم سے ہیں تو پھر کوئی اُن کی بات کو باور نہیں کرتا۔
یہ ہندوستان میں ہی ایک نہایت نامعقول رواج ہے کہ پیشوں سے ذاتوں کی تشخیص کی جاتی ہے۔ اِسی طرح بعض لوگوں کی ذاتیں توپیشہ کے سبب سے مٹ جاتی ہیں اور بعض خاص فوائد کے ماتحت اپنی ذاتوں کو بدل لیتے ہیں۔ا بتداء میں گو لوگ انہیں جانتے ہیں مگر کچھ پشتوں کے بعد کوئی جانتا بھی نہیں کہ یہ لوگ اصل میں کون تھے۔ پس اگر کوئی موچی کا کام کرتا ہے تو فی الواقعہ وہ موچی اور رذیل قوم سے نہیں ہے۔ اسی طرح آج جو سید یا مغل یا پٹھان کہلاتا ہے وہ قسم کھا کرنہیں کہہ سکتا کہ فی الواقعہ وہ سیّد یا مغل یا پٹھان ہی ہے۔جب حالت یہ ہے تو پھر حیرت ہے کہ کوئی کسی پر آوازہ کسے اور کہے کہ دیکھوجی فلاں موچی تھا آج سیّد بن بیٹھا ہے، یا فلاں جولاہا تھا آج پٹھان بن گیا ہے۔ میں پوچھتا ہوںکہ اس طرح کہنے والے کو کیا فائدہ ہو سکتا ہے۔ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم فرماتے ہیں کہ جو شخص اپنے نسب کو چھپاتاہے وہ جہنمی ہے۔۴؎ ا ب اگر کسی شخص نے فی الواقعہ اپنے نسب کو چھپایا ہے اور کچھ اَور ظاہر کرتا ہے تو وہ خود گنہگار ہے اس کی سزا وہ خود پائے گا۔ لیکن اگر وہ اپنے دعویٰ میں سچا ہے جس کے جھوٹا ہونے کی تمہارے پاس کوئی دلیل نہیں توپھر تمہارے کہنے سے اُس کو جو ابتلاء آئے گا اس کے نتیجہ میں تمہارے لئے بھی جہنم ہے کیونکہ تم اس کے ابتلاء کا موجب بنے ہو۔
اصل بات تو یہ ہے کہ پیشوں کاقومیت سے کوئی تعلق ہی نہیں کیونکہ تمام ناجائز طریقوں سے کچھ حاصل کرنے کی نسبت ہر ایک پیشہ اعلیٰ درجہ رکھتا ہے۔ پس جو شخص کوئی ایسا پیشہ اختیار کرتا ہے جو شرعاً ممنوع نہیں اس سے اس کی ذات میں کوئی خرابی نہیں ہو سکتی۔دیکھو افغان اپنے ملک میں سب کام کرتے ہیں، کوئی جو تابناتا ہے، کوئی کپڑا بنتا ہے لیکن اس سے ان کی ذات میں کوئی نقص نہیں آتا اور سب کو پٹھان ہی کہتے ہیںیہی حال یورپ کا ہے۔ پس جب وہاں ان پیشوں کے کرنے سے ان لوگوں کی ذات پر کوئی نقص پیدا نہیں ہوتا تو پھر ہندوستان میںیہ نقص کیوں گنا جائے اور پیشوں کی وجہ سے لوگوں کی قومیت سے جو وہ بتائیںکیوں انکار کیا جائے۔ یہ کمال جہالت اور نادانی کی علامت ہے کہ کسی کے نسب پر اِ س لئے طعن کیاجائے کہ اُس کا یا اُس کے خاندان کا کسی پیشہ سے تعلق ہے۔ا گر کوئی اپنے نسب کو چھپاتا ہے تو وہ ایک گناہ کامرتکب ہوتا ہے لیکن اگر وہ درست کہتا ہے اورا س کے پیشہ کی وجہ سے تسلیم نہیںکیا جاتا تو یہ بہت بُری بات ہے۔ دیکھو چوری کرنا ایک گناہ ہے، شراب پینا اور بیچنا ایک ذلیل کام ہے اور اس لئے ذلیل ہے کہ شریعت نے اِس کو گناہ قرار دیا ہے لیکن رزقِ حلال کمانا گناہ نہیں۔پھر وہ طریقہ کسب معاش جو اس کے کمانے کے لئے اختیار کیاجائے کیسے ذلیل کہا جا سکتا ہے۔
پس یہ لغو اور بے ہودہ بات کہنے کا کیا فائدہ کہ فلاں سید بن گیا اور فلاںپٹھان بن گیا کسی کا اس سے کیا تعلق ہے۔ اگر اس نے اپنے نسب کو بدلا تو ایک گناہ کیا جس کا جواب دِہ وہ خود ہوگا۔ دوسروں کا اس نے کیا بگاڑا ہے کہ اس کیلئے ابتلاء کا موجب بنتے ہیں۔ ہندوستان میں قریشیوں اور پٹھانوں اور مغلوں کا آنا بحیثیت سپاہی کے تھا لیکن جب زمانہ کے بدلنے کی وجہ سے ان میں سے بعض خاندانوں کی حالت خراب ہو گئی تو انہوں نے کوئی پیشہ اختیار کرلیا تو کیا وہ یہ ذلت گوارہ کرتے کہ سیّد یا مغل یا پٹھان ہو کر بھیک مانگتے پھرتے اور اس طرح ان کی عزت ہی رہتی لیکن چونکہ اُنہوںنے بھیک مانگنے اور دوسروں کے دستِ نگر ہونے کی بجائے کوئی پیشہ اختیار کر لیا اس لئے ذلیل ہو گئے۔ گویا جب اُنہوں نے حلال معاش کا طریق اختیار کیا تو ذلیل ٹھہر گئے حالانکہ ذلّت اس میں تھی کہ وہ بھیک مانگتے اور اپنے نسبوں کو لئے پھرتے۔ مگر اس میں کوئی ذلّت نہیں کہ اُنہوں نے دوسروں کے آگے دستِ سوال دراز کرنے کی ذلّت کو گوارہ نہ کیا بلکہ حلال طریق سے کسب معاش کی۔
کتنی حیرانی کی بات ہے کہ وہ لوگ اِس لئے ذلیل ہو گئے کہ اُنہوں نے اللہ تعالیٰ کے حکم کے ماتحت کسبِ معاش کے لئے موچی، جولاہے کا پیشہ اختیار کیا؟ یہ ایک بیہودہ بات ہے کہ کسی کو کسی حلال پیشہ کے اختیار کرنے کی وجہ سے ذلیل سمجھا جائے اور کہا جائے کہ وہ سید نہیں رہا یا وہ پٹھان نہیں رہا یامغل نہیں رہا۔حضرت صاحب نے کشتی نوح میںلکھا ہے کہ جو دوسروں کو حقیر سمجھتا ہے وہ میری جماعت سے نہیں۔
میرے پاس آج ہی ایک خط آیاہے جس کے لکھنے والا شکایت کرتا ہے کہ قادیان کی جماعت احمدیت کی صداقت کا نمونہ ہے مگر جب ہم بازار میں گزرے تو طنزاً کہا گیا کہ یہ سید آگئے ہیں۔ یہ تو ان کی غلطی ہے کہ سارے لوگوں کو ایسا ہی سمجھتے ہیں صرف چند آدمی ایسے ہیں جن میں کمزوری کی علامات پائی جاتی ہیں اس لئے ایسے لوگوں پر سب کو قیاس نہیں کرنا چاہئے اور ایک دو کے ایسا کہہ دینے سے یہاں کی ساری جماعت کو بُرا خیال کرنا غلطی اور ایمان کی کمزوری کی علامت ہے مگر پھر بھی جنہوں نے یہ کہا وہ یاد رکھیںکہ خدا تعالیٰ ایسے لوگوں کوجو مومنوں کو فتنہ میں ڈالتے ہیں دوزخ کی بشارت دیتا ہے۔ پس دوزخ ان کے لئے منہ کھولے ہوئے تیار ہے اُ س میںڈالے جائیںگے اور وہاں ان کو پیپ اورکھولتا ہوا پانی ملے گا۔
اللہ تعالیٰ کے نزدیک کوئی شخص معزز نہیں مگر وہی جو متقی ہو۔ا گر کوئی کہے کہ حضرت صاحب نے بھی بعض پیشہ کے لوگوں کے متعلق لکھا ہے تو اُس کو معلوم ہو کہ آپ نے کسی پر طعن نہیں کیا بلکہ یہ فرمایا کہ ان میں سے مأمور نہیں ہو سکتاکیونکہ دنیاوی لحاظ سے لوگ اس پر طعن کر سکتے ہیں۔ ہاں وہ ولی اور خدا کا دوست ہو سکتا ہے۔ یہ ایسی ہی بات ہے جیسے آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ اگر لوگوں کے فتنہ کا خیال نہ ہوتا تو میں موجودہ کعبہ کو مسمار کر کے اِس کی اصل حدود پر قائم کر دیتا۔ پس حضرت مسیح موعودؑ کے یہ لکھنے کا ٰیہی مطلب ہے کہ اگر خدا اِن کو مأمور کرے تو لوگ طعن کریں گے ہاں وہ درجۂ ولایت پا سکتے ہیں۔ جب وہ ولی اور خدا کے دوست ہوسکتے ہیں تو پھر وہ ذلیل کیونکرہوئے۔کیا اللہ کے دوست بھی حقیر اور ذلیل ہو سکتے ہیں؟وہ لوگ اللہ کا خوف کریں جو لوگوں کو ذلیل سمجھتے ہیں اور دوسروں کوفتنہ میں ڈالتے ہیں۔ خدا جس کو چاہتا ہے معزز کر دیتا ہے اور جس کوچاہتا ہے ذلیل بنادیتا ہے۔سید یا پٹھان یا مغل ہونا خدا کی گرفت سے نہیں بچا سکے گا۔ جیسا کہ یہودیوں کو حضرت ابراہیمؑ اور حضرت یعقوبؑ کی نسل سے ہونا ذلّت اور رُسوائی سے نہیں بچا سکا۔ خد اکی گرفت سے متقی اور پرہیز گار لوگوں کیلئے رستگاری ہے خواہ وہ کسی قوم کے ہوں۔ پس وہ لوگ جو دوسروں کیلئے فتنہ اور ابتلاء کا باعث ہوتے ہیں وہ جہنم کی آگ سے ڈریں کیونکہ خدا تعالیٰ نے ان کیلئے یہی سزا مقررفرمائی ہے۔ اگر کوئی کسی کی قومیت پر اُسے ذلیل کرنے کیلئے حملہ کرتاہے تو خدا تعالیٰ اُس کو ذلیل کر دیتا ہے۔ اور کوئی کسی کے کہنے سے ذلیل نہیں ہوجاتا ذلیل وہی ہے جو خدا کی نظر میں ذلیل ہو۔ پس اپنی زبان کو تھام لو۔ تمہیں کسی کے متعلق کچھ پتہ نہیں کہ کس قوم میں سے ہے۔ پھر جھوٹی بات کی خاطر اپنے ایمان کو ضائع مت کرو۔ اپنی گفتار کو درست کرو کہ خدا کے انعام کے وارث بنو۔‘‘ آمین ثم آمین۔
(الفضل ۲۴؍ مارچ ۱۹۱۷ئ)
۱؎ البروج: ۱۱ ۲؎ البقرۃ: ۳۵ ۳؎ ص: ۷۷
۴؎ ابن ماجہ کتاب الحدود باب من ادعی الی غیر ابیہ (الخ)
۵۳
حضرت مسیح موعودعلیہ الصلوٰۃ والسلام کی ایک
عظیم پیشگوئی پوری ہوئی
(فرمودہ ۲۳؍ مارچ ۱۹۱۷ئ)
تشہد ،تعوذ اور سورۃ فاتحہ کی تلاوت کے بعد فرمایا:۔
’’قرآن کریم سے شروع ہوتا ہے جس میں خد اتعالیٰ نے مسلمانوں کے لئے ایک عظیم الشان بشارت اور خوشخبری رکھی ہے اور وہ خوشخبری یہ ہے کہ خدا تعالیٰ نے مسلمانوں کو بتایا ہے کہ قرآن کریم میں تمہارے لئے ایسے سامان رکھ دئیے گئے ہیں جن کی وجہ سے تمہاری زبان پر جاری رہے یہی وجہ ہے کہ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے اس سورۃ کو ہر رکعت میں پڑھنے کا حکم دیا ہے۔۱؎
بہت لوگ ایسے ہوتے ہیں جو خود بخود برضاء ورغبت طوعاً اور خوشی سے خدا تعالیٰ کا شکر ادا نہیں کرتے اور خواہ ان پر خدا تعالیٰ کے کتنے ہی بڑے بڑے انعام ہوتے چلے جائیں شکرگزاری کی طرف ان کی توجہ ہی نہیں ہوتی۔مگر مسلمانوں پر خدا تعالیٰ نے احسان اور فضل کیا ہے کہ چونکہ ان پر خدا تعالیٰ کے بہت سے فضل واحسان ہونے تھے اور ان میں سے بعض کو ان احسانات کے بدلے خدا تعالیٰ کا شکر اد ا کرنے کی طرف توجہ نہ ہونی تھی اس لئے ہر رکعت میں اس سورۃ کو پڑھنا رکھ دیاگیا کہ جب کوئی نماز پڑھے گا تو اس طرح وہ خدا تعالیٰ کے انعامات کا شکریہ بھی ادا کر سکے گا۔ ہاں جو نماز نہیں پڑھتا وہ مسلمان بھی کہاں ہو سکتا ہے لیکن جو شخص نماز پڑھتا ہے وہ خدا تعالیٰ کے انعامات کا اپنی طاقت اور ہمت کے مطابق شکریہ ادا کرنے سے قاصر نہیں رہ سکتا۔ یوں تو خدا تعالیٰ کے انعامات کا پورا پورا شکریہ ادا کرنا کسی انسان کا کام نہیں مگر جو انسان ہر روز نماز میں تیس چالیس بار کہتا ہے اُسے ناشکروں میں شامل نہیں کیا جا سکتا۔ ناشکر گزار تو کافروں میں شامل ہوتا ہے۔ لیکن خدا تعالیٰ نے اس طرح مسلمانوں کو ناشکری کے گناہ سے بچا لیا ہے کہ وہ ہر رکعت میں اس سورۃ کو پڑھتے ہیں اور اس کے انعامات کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ اور اس کے علاوہ بھی جب خدا تعالیٰ کا کوئی انعام دیکھتے ہیں تو بے اختیار ان کے منہ سے نکل جاتا ہے اور یہ ان کے مومن ہونے کی پہلی علامت ہے۔
پھر مسلمانوں کی اللہ تعالیٰ نے ایک اور علامت قرآن کریم میں بیان فرمائی ہے اور وہ یہ ہے۲؎ کہ آخری پکار بھی ان کی یہی ہوتی ہے کہ اس کے ایک معنی تو یہ ہیںکہ اسلام کی ابتداء بھی سے ہوئی ہے اور انتہاء بھی پرہی ہے۔اللہ تعالیٰ نے اپنے فضل اور احسان سے ہی قرآن کریم کو نازل کیا ورنہ کس انسان کی طاقت تھی کہ ایسا بے نظیر کلام بنا سکتا یا اُس کا کیا حق تھا کہ خدا تعالیٰ اس کے لئے قرآن نازل کرتا۔ مگر دیکھو اِس وقت جبکہ ہرقسم کے علوم میں ترقی اور ایزادی ہوئی ہے تمام دنیا قرآن کریم کے مٹانے کے پیچھے پڑی ہوئی ہے لیکن کیا اِس کا نتیجہ سوائے اِس کے کچھ اَور بھی نکلا ہے کہ ایسا کرنے والے خود ذلیل اور شرمندہ ہو گئے ہیں۔ پھر کیا یہ درست نہیں ہے کہ آج تک کسی انسان کو یہ توفیق نہیں ملی کہ قرآن کریم سے بڑھ کر کوئی کتاب پیش کر سکے۔ آج تک تمام مخالفین اسلام کا کام قرآن کریم پر اعتراض اور شکوک پیدا کرنا ہی رہا ہے اِس سے بڑھ کر وہ کچھ نہیں کر سکے حالانکہ شکوک اور اعتراضات کا پیدا کرنا نہ تو کوئی مشکل کام ہے اور نہ ہی کسی چیز کی صداقت کو چھپا سکتا ہے۔ شبہات تو کئی انسانوں کو اپنے جسم کے متعلق بھی پیدا ہوتے ہیں۔ چنانچہ سو فسطائی لوگ کہتے ہیں کہ انسان کا جسم بھی کوئی چیز نہیں یہ صرف وہم ہی وہم ہے۔ تو وہم پیدا کرنا کوئی بڑی بات نہیں ہے۔ مثلاً ایک شخص کسی دوست کی بڑی پُر تکلف دعوت کرے اور اس کی خاطر و مدارات کے لئے بہت بڑی تیاری کرے مگر اُس کے دوست کو وہم ہو جائے کہ اِس نے میرے لئے اچھے کھانے اس لئے پکوائے ہیں کہ ان میں زہر ملا کر مجھے ہلاک کر دے۔ کیا اِس وہم کے بعد وہ اس دعوت میں شریک ہو گا؟ ہرگز نہیں بلکہ بھاگ جائے گا۔ اِسی طرح کتنا ہی پختہ مکان بنا ہو مگر ایک شخص خیال کر لے کہ اگر کوئی چھوٹا سا خیمہ ہوتا اور وہ میرے اُوپر گرپڑتا تو شاید میں بچ جاتالیکن اگر میں اس گھر کے اندر داخل ہوا اور یہ میرے اُوپر گر پڑا تو پھر نہیں بچ سکوںگا۔ یہ خیال کر کے وہ کبھی اس میں داخل نہیں ہوگا بلکہ بھاگ جائے گا۔
یہ محض خیالی باتیں ہی نہیں ہیں بلکہ اِس قسم کے انسان دنیا میں ہوتے ہیں چنانچہ خیر پور کے نواب صاحب جو موجودہ نواب صاحب سے پہلے تھے اُن کو اِسی قسم کی بیماری تھی کہ وہ مکان کے اندر داخل نہیں ہو سکتے تھے۔ اُنہیں یہی خیال لگا رہتا کہ میں مکان کے اندر گیا اوروہ میرے اُوپر گرا۔تووہم اور خیال کا پیدا کر لینا کوئی مشکل اور بڑی بات نہیں ہر ایک بات اور ہر ایک سچائی کے متعلق نہایت آسانی سے پیدا کیا جا سکتا ہے لیکن اگر مذہب کی بنیاد بھی وہم پر ہی ہو تو کبھی کسی بات کا فیصلہ نہ ہو سکے۔ فیصلہ ہمیشہ خوبیوں اور صداقتوں کے مقابلہ سے ہی ہوا کرتا ہے اور یہ دیکھا جاتا ہے کہ فلاں چیزمیں خوبی ہے یا نہیں اور دوسروں سے خوبیوں کے لحاظ ے بڑھ کر ہے یا ادنیٰ۔ ورنہ شک اور شبہ سے انسان کبھی یقین اور اطمینان تک نہیں پہنچ سکتا۔ شبہ ہمیشہ شبہ ہی ہے۔ دنیا اِ س وقت تک قرآن کریم کی خوبیوں کے مقابلہ میں کوئی خوبی نہیں پیش کر سکی۔ جو اُٹھا ہے اُس نے اپنی طرف سے نقائص اور شکوک ہی پیش کرنے کی کوشش کی ہے۔ ہم کہتے ہیں کہ شک کا نتیجہ شک ہی ہوتا ہے اور یقین کا نتیجہ یقین۔ پس قرآن کریم کی مخالفت کرنے والوں کو یقین پیش کرنا چاہئے نہ کہ شک وشبہات۔ مگر اِس وقت تک کسی کی طرف سے یقین نہیں پیش کیا گیا بلکہ جب بھی کسی نے حملہ کیا ہے کوئی نہ کوئی اعتراض ہی جڑ دیا ہے اور یہ ہمت کسی کو نہیں ہوئی کہ قرآن کریم کے مقابلہ میں کوئی اعلیٰ تعلیم پیش کرتا۔ حالانکہ فیصلہ کا طریق یہی ہے کہ جس چیز کو ناقص اور خراب قرار دیا جائے اس کے مقابلہ میں بہتر اور اعلیٰ پیش کی جائے۔ مثلاً کونین ہے بخار کے لئے کیا ہی اعلیٰ درجہ کی مفید ثابت ہوئی ہے مگر کئی دیسی اطباء اس تعصب کی وجہ سے جوانہیں انگریزی دوائوں کے ساتھ ہے باوجود اس کے کئی فوائد کے اور قریباً یقینی فوائد کے اس کے متعلق شبہ پھیلاتے رہتے ہیں کہ اس سے کان بہرے ہو جاتے ہیں، جگر بڑھ جاتا ہے، یہ نقص پیدا ہو جاتا ہے وہ ہو جاتا ہے۔ کیا ان کے اس طرح کہنے سے کونین کا استعمال بندہو گیا ہے؟ ہر گز نہیں۔ بلکہ دن بدن بڑھ رہا ہے۔ یہ ثبوت ہے اِس کا کہ محض شبہات اور شکوک کوئی حقیقت نہیں رکھتے اور نہ ہی ان کا کوئی نتیجہ نکلتا ہے۔ ہاں اگر کوئی اَور دوائی پیش کر کے ثابت کر دیں کہ وہ نقص جو کونین میں پائے جاتے ہیں اس میں نہیں ہیں تو پھر کونین کو کوئی استعمال نہ کرے گا بلکہ اس دوائی کو ہی استعمال کیا جائے گا۔
تو یہ تجربہ اور مشاہدہ بتاتا ہے کہ نقائص اور شکوک نکالنے سے کوئی چیز مغلوب نہیں ہو سکتی۔ مغلوب اُسی وقت ہوتی ہے جبکہ اس سے بہتر اور اعلیٰ دکھائی جائے۔ قرآن کریم پر جس قدر حملے کئے گئے ہیں وہ صرف نقائص نکالنے اور شکوک پید اکرنے تک ہی محدود ہیں یہ نہیں کہ کسی نے اس سے بڑھ کر اور بہتر تعلیم بھی پیش کی ہو حالانکہ یہی وہ معیار ہے جس سے فیصلہ ہو سکتا ہے۔
تو خدا تعالیٰ کے فضل سے مسلمانوں کو ایسی تعلیم ملی ہے کہ جس کا کوئی دوسری تعلیم مقابلہ نہیں کر سکتی۔ بڑے بڑے مخالفوں نے مقابلہ کی کوشش کی، بڑے بڑے اعتراضات کئے گئے، اپنے خیال میں بڑے بڑے نقائص نکالے گئے( اِس وقت یہ بحث نہیں کہ ان کے اعتراضات اور نقائص درست بھی تھے یا نہیں) مگر اِن سے جو کچھ ہو سکا وہ یہی کچھ تھا نہ کہ اِس کے علاوہ کچھ اَور۔ لیکن کیا وہ قرآن کریم کی تعلیم سے بہتر کوئی تعلیم پیش کر سکے؟ ہر گز نہیں۔ پس اس سے صاف طور پر ثابت ہو گیا کہ قرآن کریم خدا تعالیٰ کی الہامی کتاب ہے کیونکہ ساری دنیا بھی اس کا صحیح طور پر مقابلہ نہیں کر سکی۔ تو ایسی تعلیم کے ملنے پر بے اختیار مسلمانوں کے منہ سے نکل جاتا ہے۔ پس یہ ابتدا سے ہے کہ اسلام کی بنیاد ایسی تعلیم سے شروع ہوئی جس کا کوئی تعلیم مقابلہ نہیں کر سکتی۔ اس پر جتنا بھی شکر ادا کیا جائے تھوڑا ہے۔ پھر اِس کی انتہاء یہ ہے کہ اس پر چل کر اللہ تعالیٰ کا قرب حاصل ہو جاتا ہے، خدا تعالیٰ کے سایہ کے نیچے انسان آجاتا ہے، خلد میں اس کا مقام تیار کیا جاتا ہے پس مسلمان اِس انتہاء پر بھی جس قدر خد ا تعالیٰ کی حمد کریں تھوڑی ہے۔
خدا تعالیٰ کا کس قدر احسان ہے کہ مسلمانوں کو جو کتاب ملی وہ سے شروع ہو تی ہے پھروہ تعلیم ملی کہ جس پر چلنے والے انجام بھی پر ہی ہوتا ہے پس یہ کتنی بڑی نعمت ہے۔دیکھو ایک شخص دوسرے کو کہے کہ تم فلاں راستہ پر چلے جائو اِس کے تمہیں یہ یہ فوائد حاصل ہوںگے لیکن اگر اُسے چلتے چلتے اخیر پر بڑی گہری غار دکھائی دے یا کوئی اَور نقصان یا تکلیف پہنچے اور کوئی فائدہ حاصل نہ ہو تو گووہ ابتداء میں اس راستہ بتانے والے کا شکریہ ادا کر دے اور جَزَاکَ اللّٰہُ کہے کہ اس نے مجھ پر بڑی مہربانی کی ہے کہ رستہ بتا دیا ہے مگر اس کی انتہاء اِس بات پر ہو گی کہ کہے گا کہ وہ بڑا ہی خبیث اور شریر انسان تھا جس نے مجھے یہ راستہ بتایا اور مجھے تکلیف اور مصیبت میں ڈالا۔ لیکن اگر واقعہ میں اسے اس راستہ پر چل کر بڑا آرام اور فائدہ ہو گا تو وہ انتہاء پر بھی اس کا شکریہ اد اکر ے گا اور اس کا شکر گزار ہو گا کہ اس نے مجھے کیا اچھا راستہ بتایا۔
اِس سے پتہ لگتا ہے کہ بعض باتیں ایسی ہوتی ہیں جن کی ابتداء حمد سے ہوتی ہے۔ مگر انتہاء حمد سے نہیں ہوتی۔ اور بعض ایسی ہوتی ہیں جن کی ابتداء احمد سے نہیں ہوتی مگر انتہاء حمد سے ہوتی ہے۔ مثلاً بعض ایسی باتیں ہیں جو بذات خود بُری ہوتی ہیں مگر ان سے انسان ٹھوکر کھا کر انجام کار ہلاکت اور تباہی سے بچ جاتا ہے لیکن اسلام ایک ایسامذہب ہے کہ اِس کی تعلیم میں خدا تعالیٰ نے مسلمانوں کیلئے ایسے سامان رکھ دئیے ہیں کہ اس کی ابتداء بھی حمد سے ہوتی ہے اور انتہاء بھی حمد سے۔ پس ایک تو یہ معنی ہیں کے۔ لیکن ایک اَور معنی بھی ہیں اور وہ یہ کہ اللہ تعالیٰ نے قرآن کریم میں اور رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے احادیث میں مسلمانوں کے لئے دو زمانے مقرر فرمائے ہیں۔ ایک ابتدائی زمانہ اور دوسرا آخری زمانہ ۔ اور میں خدا تعالیٰ نے یہ بھی بتایا ہے کہ جس طرح حشر کے دن مسلمانوں کا انجام یہ ہو گا کہ وہ حمد ہی حمد کرتے نکلیں گے اِسی طرح اسلام کی ابتداء بھی حمد سے شروع ہوئی ہے اور اس کی انتہاء بھی حمد پر ہی ہو گی۔ چنانچہ سورۃ فاتحہ میں مسیح موعودؑ کی پیشگوئی ہے اور پہلے نبیوں نے بھی کہا ہے کہ اس کو یہ سورۃ دی جائے گی ۔ دراصل تو یہ سورہ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم پر نازل ہوئی اور آپ کو دی گئی۔ اب اس کے حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام کو دینے کایہی مطلب ہو سکتا ہے کہ جس طرح آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کے ذریعے ایسے ایسے انعامات دئیے گئے تھے جن کا شکریہ ادا کرنے کے لئے سکھایا گیا اور اس کے نتیجہ میں اَور زیادہ انعام دئیے گئے اِسی طرح اس کے نتائج حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام کو بھی دئیے جائیں گے اور اسے اور اس کی جماعت کو ایسی عظیم الشان فتوحات دی جائیں گی جن کی وجہ سے اس کی اور اس کی جماعت کے لوگوں کی زبان پر جاری ہو جائے گا۔ یہ ہے ابتدا بھی سے اور انتہاء بھی پر۔ چنانچہ ہم دیکھتے ہیں کہ حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام کے ذریعہ جو سامان ترقی ایمان کے لئے خدا تعالیٰ نے بتائے ہیںاُ ن کو دیکھ کر بے اختیار ہمارے منہ سے نکل جاتا ہے۔ کہاں یہ تاریکی اور ظلمت کا زمانہ اور کہاں یہ دہریت اور لا مذہبی کے دن جبکہ انسان کہہ اُٹھے تھے کہ خدا کی کوئی ضرورت باقی نہیں ہے دنیا کا کارخانہ خود بخود چل رہا ہے اور چلتا رہے گا۔ ہرایک کو اپنے علم اور اپنی تحقیق پر گھمنڈ تھا، مذہب کو ایک حقیر اور فضول چیز سمجھا جاتا تھا۔ ایسے وقت میں خدا تعالیٰ نے حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے ذریعہ دین اسلام کو قائم کر کے اپنے جلال اور قدرت کے ظاہر کرنے کے سامان پیدا کر دئیے اور اِس طرح ہم پر وہ احسان اور فضل کیا کہ جس کے لئے ہم جس قدر بھی اُس کی حمد اور تعریف کریں تھوڑی ہے۔
حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام سے پہلے مسلمان مولوی کہاں اِن لوگوں کی قلم کی کششوں کا مقابلہ کر سکتے تھے۔ اسلام ایک ناتواں اور کمزور چیز کی طرح ہورہا تھا، جو اُٹھتا اس پر حملے کرنے شروع کر دیتا، خود مسلمان اسلام کو چھوڑ کر دوسرے مذاہب میں جار ہے تھے مگر حضرت مسیح موعودؑ کے ذریعہ اللہ تعالیٰ نے ایسا احسان کیا کہ وہی دین جو پہلے قابل نفرت سمجھا جاتا تھا اس کو جب آنکھیں کھول کر دیکھا گیا تو معلوم ہوا کہ اگر کوئی چیزقابل تسلی اور لائق اطمینان ہو سکتی ہے تو وہ مذہب اسلام ہی ہے۔
خدا تعالیٰ نے ہزارہا نشان اِس کی تائید میں دکھائے اور اِس قدر دکھائے کہ اگر کوئی گننا چاہے تو ہرگز گن نہیں سکتا۔ ایک دفعہ امریکہ سے ایک انگریز حضرت مسیح موعودؑ کو ملنے کے لئے آیا اور آکر کہاکہ آپ مجھے اپنی صداقت کاکوئی نشان دکھلائیے۔ آپ نے فرمایا تم بھی میری صداقت کا نشان ہو۔ اُس نے کہا کس طرح؟ آپ نے فرمایا۔ایک زمانہ وہ تھا کہ کوئی مجھے جانتا تک نہ تھا اور نہ ہی میرے پاس کوئی آتا تھا۔ اُس وقت خدا تعالیٰ نے مجھے الہام کیا کہ یَأْتُوْنَ مِنْ کُلِّ فَجٍّ عَمِیْقٍ وَ یَأْتِیْکَ مِنْ کُلِّ فَجٍّ عَمِیْقٍ۳؎ تیرے پاس دُور دُور سے لوگ آئیں گے اور تیرے پاس دُور دُور سے چیزیں آئیں گی اور اِس قدر لوگ آئیں گے کہ ان کی آمدورفت سے راستوں میں گڑھے پڑ جائیں گے۔ یہ الہام اُس وقت چھاپ کر شائع کر دئیے گئے اور اِس وقت کتابوں میں موجود ہیں۔ اب تم امریکہ سے میرے ملنے کے لئے آئے ہوکیا یہ میری صداقت کی دلیل نہیں ہے؟ یہ سن کر وہ خاموش رہ گیا۔
یوں تو دعویٰ کرنے والے کئی اُٹھ کھڑے ہوتے ہیں۔ یہاں بھی حضرت مسیح موعودؑ کو دیکھ کر ایک شخص نے دعویٰ کیا تھا لیکن اُس کو کسی نے پوچھاتک نہیں اور نہ ہی کوئی اُس کے دعوے کو سن کر اس کے پاس آیا بلکہ جب ایک سب انسپکٹر نے اُس سے دریافت کیا کہ تمہارا کیا دعویٰ ہے؟ تو اس نے ڈر کی وجہ سے صاف انکار کر دیا کہ میر ا کوئی دعویٰ نہیں ہے۔پس حضرت مسیح موعودؑ کوجو کامیابی اور ناموری حاصل ہوئی وہ کسی فریب اور بناوٹ کی وجہ سے نہ تھی۔ اگرچہ جھوٹے دعویٰ کرنے والوں میں سے بھی بعض کا نام مشہور ہو جاتا ہے لیکن ان کے دعویٰ میں یہ کشش نہیں ہوتی کہ لوگوں کو کھینچ لائے۔ یہ کشش سچادعویٰ کرنے والے میں ہی ہوتی ہے۔
تو خدا تعالیٰ نے حضرت مسیح موعودؑ کے ذریعہ اِس قدر نشان دِکھلائے ہیں کہ ان کو کروڑوں کہو تو بھی تھوڑے ہیں۔ یہاں بننے والے ہر ایک مکان کی اینٹ اور بھرتی کا ایک ایک روڑا آپ کی صداقت کا نشان ہے کیونکہ آپ کی کشش کے علاوہ اَور کیا چیز تھی جس نے بہتوں کو اپنے گھر بار چھوڑ کر یہاں رہنے پر مجبور کر دیا۔ اوران میں سے کئی ایک نے اپنے ہزاروں روپے کے مکانوں کو کوڑیوں کے مول بیچ کر یہاںمکان بنانے کو بہتر سمجھا۔ حضرت خلیفۃ المسیح الاوّل جب یہاں آئے تو پیچھے عظیم الشان مکان بنوا رہے تھے۔ حضرت مسیح موعودؑ نے فرمایا۔ یہیں رہیں۔ اِس کے بعد اُنہوں نے وطن جانے کا کبھی خیال تک نہ کیا۔
تو حضرت مسیح موعودؑ کی صداقت کے خدا تعالیٰ نے اِس قدر نشان دِکھلائے ہیں کہ جن کو اگر کوئی گننا چاہے تو ہرگز نہیں گن سکتا مگر پھر بھی وہ خزانہ ختم نہیں ہوا بلکہ بار بار ظاہر ہو کر ہمیں بتاتا ہے کہ کہو۔
ابھی خدا تعالیٰ نے ایک تازہ نشان ِدکھلایا ہے۔ اِس سے پتہ لگتا ہے کہ انبیاء کے کلام بھی کیسے عظیم الشان ہوتے ہیں اورا ن کی باتیں خواہ وہ الہام بھی نہ ہوں تو بھی جو اُن کی زبان اور قلم پر جاری ہو جائے وہ خدا تعالیٰ ہی کی طرف سے ہوتا ہے۔
حضرت مسیح موعودؑ نے ایک نظم لکھی تھی۔ اس میں نہایت دردناک طریق سے موجودہ جنگ کا نقشہ کھینچتے ہوئے یہ بھی لکھا تھا کہ : ؎
مضمحل ہو جائیں گے اِس خوف سے سب جن و اِنس
زار بھی ہو گا تو ہو گا اُس گھڑی با حالِ زار۴؎
زار روس کا بادشاہ تھا۔ اس کے متعلق آپ نے بتایا تھا کہ وہ ایک سخت مصیبت میں مبتلا ہو گا۔ یہ پیشگوئی جس وقت کی گئی اسی وقت اِس شعر پر کہ ؎
یک بیک اک زلزلہ سے سخت جنبش کھائیں گے
کیا بشر اور کیا شجر اورکیا حجر اور کیا بحار
حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام نے کہہ دیا تھا کہ :۔
’’خدا تعالیٰ کی وحی میں زلزلہ کا بار بار لفظ ہے اور فرمایا کہ ایسا زلزلہ ہو گا جو نمونہ قیامت کاہو گا بلکہ قیامت کا زلزلہ اس کو کہنا چاہئے۔ جس کی طرف سورۃ اِذَازُلْزِلَتِ الْاَرْضُ زِلْزَالَھَا اشارہ کرتی ہے۔ لیکن میں ابھی تک اس زلزلہ کے لفظ کو قطعی یقین کے ساتھ ظاہر پر جما نہیں سکتا۔ ممکن ہے یہ معمولی زلزلہ نہ ہو بلکہ کوئی اَور شدید آفت ہو جو قیامت کا نظارہ دِکھلاوے۔جس کی نظیر کبھی اِس زمانہ نے نہ دیکھی ہو۔ اور جانوروں اور عمارتوں پر سخت تباہی آوے۔ ہاں اگر ایسا فوق العادت نشان ظاہر نہ ہو اور لوگ کھلے طور پر اپنی اصلاح بھی نہ کریںتو اس صورت میں میں کاذب ٹھہروں گا۔‘‘۵؎
اِس عبارت میں صاف طورپر آپ نے بتلایا ہے کہ یہ وحی کے ماتحت پیشگوئی ہے۔ اگرچہ آپ نے وہ وحی نہیں بتلائی لیکن اِس کی تفصیل ان اشعار میں نہایت واضح طور پر کر دی تھی جو حرف بہ حرف پوری ہورہی ہے۔ اِن شعروں میں ایک شعر یہ ہے: ؎
رات جو رکھتے تھے پوشاکیں برنگ یاسمن
صبح کر دے گی اُنہیں مثل درختانِ چنار
یعنی رات کو چنبیلی کے پھولوں کی طرح جن کی سفید پوشاک ہو گی صبح اُن کا یہ حال ہو گا کہ جس طرح چنار کے پتے کا رنگ سرخ ہوتا ہے اِسی طرح خون سے ان کے کپڑوں کار نگ سرخ ہو جائے گا۔
اب اگر یہ ایک شاعرانہ تشبیہ ہی ہوتی اور لڑائی میں ایسا ہو بھی جاتا تو بھی ان لوگوں کو جن کی نسبت یہ پیشگوئی تھی یہ بتانا مشکل ہوتا کہ چنار کے درخت کے پتوں کی طرح تمہارے لباس خون سے سرخ ہو گئے ہیںکیونکہ جن لوگوں نے چنار کے درخت کو دیکھا نہ ہوتا اور جو جانتے ہی نہ ہوتے کہ چنا رکے پتوں کا کیا رنگ ہوتا ہے وہ اِس تشبیہ کو اچھی طرح سمجھ نہ سکتے۔ اور ان کے خیال میں زیادہ سے زیادہ یہ بات آسکتی کہ جس طرح دوسرے بعض درختوں کے پتوں میں کچھ سرخی پائی جاتی ہے اُسی طرح چنار کے پتوں میں بھی سرخی ہو گی مگر حقیقت یہ ہے کہ چنار کے پتہ پر ایسی سرخی ہوتی ہے جیسی کہ گاڑھے جمے ہوئے خون کی رنگت اور ہوبہو خون ہی معلوم ہوتا ہے۔ اب دیکھئے فرانس میں جہاں لڑائی کا سب سے زیادہ شور ہو رہا ہے اور اب بھی ہے وہاں میدانِ جنگ میں چنار کے درخت دور دور تک پھیلے ہوئے ہیں۔ چنانچہ تھوڑا ہی عرصہ ہوا ہمارے ایک دوست نے لکھا تھا کہ میں جنگی خدمت اداکرنے کے لئے میدانِ جنگ میں کھڑا ہوں۔ گو لے برس رہے ہیں اور میں چنار کے درخت کے نیچے حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام کا یہ شعر پڑھتا ہوا کہ ؎
رات جو رکھتے تھے پوشاکیں برنگِ یاسمن
صبح کر دے گی اُنہیں مثلِ درختانِ چنار
زخمیوں کے زخموں کو دھو کر مرہم پٹی کر رہا ہوں۔ اس دوست نے چنار کا ایک پتہ بھی بھیجا تھا جس کے ایک طرف کا رنگ ہو بہو خون کی طرح تھا اور دوسری طرف کا کچھ زردی مائل۔
پس یہ کوئی شاعرانہ بات نہ رہی بلکہ خدا کے فعل نے بتادیا کہ واقعہ میں اس مقام پر چنار کے پتے تھے اور اُنہیں کے رنگ کی پوشاکیں ہورہی تھیں۔ا گر جنگ کسی ایسے ملک میں ہوتی جہاں چنار کے پتے خون سے سرخ ہونے والے کپڑوں کی طرف اشارہ نہ کرتے تو کوئی کہہ سکتا تھا کہ یہ شاعرانہ طور پر کہا گیا ہے مگر اِن درختوں کا وہاں موجود ہونااور پھر ان کے نیچے انسانوں کا خون سے لت پت ہونا بتاتا ہے کہ یہ شاعرانہ بات نہ تھی بلکہ اصل حقیقت بیان کی گئی تھی۔
غرض اس پیشگوئی کی جو تفصیل حضرت مسیح موعود علیہ السلام نے بیان فرمائی ہے۔ وہ ایسی کھلی کھلی اور صاف طور پر پوری ہوئی ہے کہ بے اختیار منہ سے نکل جاتا ہے۔
لیکن پیشگوئی کی تفصیل میں ایک بات ایسی بھی تھی جو ابھی تک باقی تھی اور جس کے متعلق بار بار گفتگو ہوئی کہ کس طرح پوری ہو گی۔ کئی لوگوں نے کہا کہ اِن اشعار میں جو پیشگوئی کی گئی ہے وہ واقعہ میں جنگ کے متعلق ہے لیکن اِس کو عام طورپر کس طرح شائع کریں جبکہ اس میں لکھا ہے:۔
زار بھی ہو گا تو ہو گا اُس گھڑی باحالِ زار
کیونکہ زار ہماری گورنمنٹ کا حلیف ہے اور سیاست چاہتی ہے کہ ہم اپنی گورنمنٹ کے حلیف کے متعلق کوئی ایسی بات نہ شائع کریں جس سے اُس پر زد پڑتی ہو۔ پھر کیا کیا جائے؟ اِن حالات کے ہوتے ہوئے ممکن تھا کہ یہ پیشگوئی دبی ہی رہتی مگر خدا تعالیٰ چاہتا تھا کہ ان کا اعلان کرائے اور دنیا کو پورا کر کے دکھا دے کیونکہ اگر خدا تعالیٰ اس کا اعلان نہ کرانا چاہتا تو پھر حضرت مسیح موعودؑ اِس کو شائع نہ کرتے۔
مجھے حضرت مسیح موعودؑ کے ایسے الہامات معلوم ہیں جن کے متعلق آپ کو بتایا گیا کہ اِن کو ظاہر نہ کیا جائے۔ ایسے الہامات اُس وقت کی مصلحت کے خلاف ہوتے ہیں اور صرف نبی کو کسی خاص غرض کیلئے بتائے جاتے ہیں مگر اس پیشگوئی کے متعلق حیرت ہوتی تھی کہ حضرت مسیح موعود نے اِس کو شائع کیا ہے اور بڑے زور کے ساتھ شائع کیا ہے۔ مگر اب جبکہ اس کے باقی حصے پورے ہو رہے ہیں ایسے حالات پیدا ہو گئے ہیں کہ ہم اِس کی اشاعت نہیں کر سکتے کیونکہ زارِروس گورنمنٹ برطانیہ کا حلیف ہے اور گو ہم کسی واقعہ پر اس لئے خوشی نہ کرتے کہ زار روس کو نقصان پہنچا ہے بلکہ اِس لئے خوشی کرتے کہ حضرت مسیح موعودؑ کی پیشگوئی پوری ہوئی ہے۔ جیسا کہ جب مبارک احمد فوت ہوا تو حضرت مسیح موعودؑ نے خوشی کا اظہار کیا۔مگر یہ خوشی لڑکے کے مرنے کی وجہ سے نہ تھی بلکہ اس لئے تھی کہ اس طرح ایک پیشگوئی پوری ہوئی ہے۔ اِسی طرح ہم اگر سلطنت روس کے متعلق خوشی کرتے اور گو افسوس بھی ہوتا تاہم ہماری وہ خوشی پیشگوئی کے پوراہونے پر ہوتی اور ہماری نیت نیک ہوتی مگراِس کا لوگوں پر اظہار ظاہر میں یہی نتیجہ نکالنے پر مجبور کرتا تھا کہ گویا ہم سلطنت روس کے مصائب اور مشکلات پر خوش ہو رہے ہیں اور ایسا کرنا اپنی گورنمنٹ کے خلاف کرناتھا۔ اس سے ہم حیران تھے کہ اگر یہی حالت رہی تو ہو گا کیا؟ ہمارے خیال میں یہی تھا کہ سلطنت روس کو اِس شعر کے مطابق کوئی نقصان پہنچے گا اور اِس کو اچھی طرح ظاہر نہ کر سکیں گے لیکن اللہ تعالیٰ کی منشاء کچھ اَور تھی جو ہمارے خیال میں نہیں آتی تھی اور اب بالکل صاف اور واضح طورپر ظاہر ہو گئی ہے سو وہ یہ کہ حضرت مسیح موعود علیہ السلام نے یہ نہیں فرمایا کہ:۔
روس بھی ہو گا تو ہو گا اُس گھڑی باحالِ زار
بلکہ یہ فرمایا ہے کہ
زار بھی ہو گا تو ہو گا اُس گھڑی باحالِ زار
اِس سے پتہ لگتا ہے کہ روس کی ساری سلطنت کو چھوڑ کر جو صرف زار کا نام لیا گیا ہے اور اس کی حالت زار بتائی گئی ہے تو اس پیشگوئی کا تعلق زار کی ذات خاص سے تھا۔ گویا اس پیشگوئی میں جس کا نقشہ ان اشعار میں کھینچا گیا ہے ایک اَور پیشگوئی زار کے متعلق تھی جس کے متعلق بتا دیا کہ وہ بھی اُس وقت پوری ہوگی جبکہ یہ جنگ شروع ہو گی جس کا نقشہ کھینچا گیا ہے۔ چنانچہ ایسا ہی ہوا اور خبریں آگئی ہیں کہ جب لوگوں نے دیکھا کہ زار اور اُس کے وزراء جنگ میں پوری کوشش اور سعی نہیں کرتے تواُنہوں نے مطالبہ کیا کہ ان کو ہٹا دیا جائے۔ چنانچہ اب زار کو معزول کر دیا گیا ہے اور پارلیمنٹ قائم ہو گئی ہے اورہماری گورنمنٹ نے بھی نئی جمہوریت کو تسلیم کر لیا ہے۔ گویا وہ مصیبت جس کا ذکر پیشگوئی میں ہے وہ زار پر ہی پڑی۔اب ہم اِس کو جس قدر بھی شائع کرنا چاہیں کر سکتے ہیں اور اِس میں کوئی حرج نہیں ہے بلکہ اب تو ہماری گورنمنٹ نے خود اِس خبر کو شائع کیا ہے اور بتایا ہے کہ موجودہ روسی گورنمنٹ جنگ میں پہلے کی نسبت بہت زیادہ جوش سے کام لے گی۔ اِس طرح ہمارے لئے دُہری خوشی ہے۔ ایک تو یہ کہ روسی سلطنت ہماری گورنمنٹ کی مدداور تائید پہلے کی نسبت بہت زیادہ کرے گی اور دوسرے یہ ہے کہ یہ پیشگوئی ایسے صاف اور واضح طور پر پوری ہوئی ہے کہ کوئی اِس سے انکار نہیں کر سکتا۔
ابھی کچھ دن ہوئے میں گورداسپور گیا تو اِسی پیشگوئی پر گفتگو کرتے ہوئے ایک وکیل صاحب نے کہا کہ یہ کیا ہوا اگر زار کومعزول کردیا گیا ہے اِس وقت تک بیسیوں زار معزول ہو چکے ہیں۔ اب کوئی اَور زار بن جائے گا۔جس طرح ایران میں باپ کو ہٹا کر بیٹے کو اورترکوں نے ایک بھائی کو ہٹا کر دوسرے کو بادشاہ بنا لیا تھا اِسی طرح یہاںبھی ہو گا اس لئے یہ پیشگوئی تو پوری نہ ہوئی کیونکہ دوسرا زار بن گیا اور اس کا حال زار نہ ہوا۔
اگرچہ یہ غلط ہے کہ اِس وقت تک بیسیوں زار معزول کئے گئے لیکن ہم مان لیتے ہیں کہ ایسا ہی ہوا مگر اِ س سے تو موجودہ زار کے معزول ہونے کی پیشگوئی کی اَور زیادہ شان ظاہر ہوتی ہے کیونکہ آج تک کی جو خبریں آئی ہیں اِن سے پتہ لگتا ہے کہ اب آئندہ کوئی زار نہ بنایا جائے گا بلکہ پارلیمنٹ ہو گی۔گویا زار کا ایسا حالِ زار ہو ا کہ آئندہ کوئی زار ہی نہ ہو گا۔
پس خدا تعالیٰ نے ہمیں یہ عظیم الشان پیشگوئی پوری کر کے دکھائی ہے اِس پر ہم جس قدر اُس کی حمد کریں تھوڑی ہے اورجس قدر اُس کا شکر بجالائیںکم ہے۔اِس پیشگوئی کے پورا ہونے سے ہماری ترقی کا راستہ روس میں بھی کھل گیاہے اور اب میرا ارادہ ہے کہ روسی زبان میں اشتہار شائع کرائوںتاکہ روس کے لوگوں کو بتایاجائے کہ یہ جو کچھ تم نے کیا ہے خدا کی منشاء کے ماتحت کیا ہے اور اِس کی خبر خدا نے اپنے برگزیدہ انسان کے ذریعہ پہلے سے ہی دے رکھی تھی۔
یہ خدا تعالیٰ کا ہم پر بہت بڑا فضل ہواہے ہم کہاں اس کا شکریہ ادا کر سکتے ہیںمگر اس نے بتایا ہے کہ کہو۔پس ہم یہی کہتے ہیں۔ ہمارے پاس دنیا کا مقابلہ کرنے کے لئے کیا ہے۔نہ مال ہے، نہ دولت ہے، نہ اسباب ہیں لیکن خدا تعالیٰ ہماری مدد اور تائید کے لئے اسباب پیدا کر رہا ہے اور ایسے زبردست اسباب پیدا کر رہاہے کہ جن کا کوئی مقابلہ نہیں کر سکتااِس لئے ہر وقت ہمیں اس کی حمد کرنی چاہئے۔
اللہ تعالیٰ ہماری جماعت کو اِس حمد کے پوری طرح اداکرنے کی توفیق دے جو اس کے انعامات کے مقابلہ میں اس پر واجب ہے۔‘‘ (الفضل ۲۷؍مارچ ۱۹۱۷ئ)
۱؎ مسلم کتاب الصلوٰۃ باب وجوب قراء ۃ الفاتحہ فی کل رکعۃ
۲؎ یونس: ۱۱
۳؎ تذکرہ صفحہ ۵۵۲۔ ایڈیشن چہارم
۴؎ براہین احمدیہ حصہ پنجم روحانی خزائن جلد۲۱ صفحہ۱۵۲
۵؎ براہین احمدیہ حصہ پنجم روحانی خزائن جلد۲۱ صفحہ ۱۵۱ حاشیہ
۵۴
خدا کی راہ میں کام کرنے والوں کونصیحت
(فرمودہ ۳۰؍ مارچ ۱۹۱۷ئ)
تشہد ، تعوذ اور سورۃ فاتحہ کے بعد حضور نے مندرجہ ذیل آیات کی تلاوت کی:۔
۱؎
بعدازاںفرمایا:۔
’’بہت سے لوگ اِس قسم کے ہوتے ہیں کہ جو کسی دینی خدمت کے لئے اپنے اوقات کا کوئی حصہ بھی نہیں نکال سکتے۔ پھر کچھ لوگ اِس قسم کے ہوتے ہیں جو اپنے دُنیاوی کاموں سے کچھ وقت بچا کر دین کی خدمت کرنے میں لگا دیتے ہیں۔ اِن کے دو گروہ ہیں۔ایک وہ جو دین کی خدمت توکرتے ہیں لیکن ساتھ ہی انہیں اقرار ہوتا ہے کہ ہم کچھ نہیں کرتے اور دوسرے وہ جو کچھ دینی کام کر کے اس پر فخر اور بڑائی کرتے ہیں کہ ہم فلاں کام کرتے ہیں یا فلاں خدمت خدا تعالیٰ کے راستہ میں بجالاتے ہیں۔ جو لوگ کچھ بھی دین کی خدمت میں نہیں کرتے وہ بھی بے شک بُرے ہیں لیکن وہ سست اور غافل کہلا سکتے ہیںمگر وہ جو کسی خدمت کے کرنے کی توفیق پاتے ہیں اور پھر ا ُس پر اِس طرح تکبر،بڑائی اور فخر کرتے ہیں یہ گویا اللہ تعالیٰ پر احسان جتلاتے ہیں وہ سست اور غافل نہیں کہے جا سکتے بلکہ متکبر اور مشرک کہلاتے ہیں۔ کیوں؟ اِ س لئے کہ وہ خیال کرتے ہیں کہ خدا ہماری خدمت کا محتاج ہے اور ہم نے خدمت کر کے خدا پر احسان کیا ہے۔
پھر جو لوگ جو کچھ خدمت کرتے ہوئے اقرار کرتے ہیں کہ ہم کچھ نہیں کر رہے ہم سے جو کچھ ہوتا ہے وہ اللہ تعالیٰ کے احسان اور فضل کے ماتحت ہی ہوتا ہے ان کے بھی دو گروہ ہیں۔ ایک تو وہ گروہ جو منہ سے کہتا ہے جو کہ جی ہم کچھ نہیں کرتے اور نہ ہی کچھ کر سکتے ہیں یہ اور اِس طرح کے کلمات سے وہ اپنا انکسار اور عاجزی ظاہری کرتا ہے لیکن درحقیقت اس کے دل میں تکبر ہوتا ہے اور عملاً اُس کی حرکات سے یہی ظاہر ہوتا ہے کہ جیسے اپنی خدمات سے خدا پر احسان کر رہا ہے۔ گو وہ منہ سے کہے کہ ہم سے کیا ہو سکتا ہے خدا کی توفیق اور فضل سے ہی ہمیں کچھ کرنے کا موقع ملا ہے اور خدا تعالیٰ کے احسانات کا کیا شکریہ ادا کرسکتے ہیں لیکن درحقیقت یہ گروہ انہی لوگوں میں شامل ہوتا ہے جو خدا پر احسان رکھتے اور اس کا اظہار اپنی زبانوں سے بھی کرتے ہیں۔ ایسے لوگوں کے دل کے گہرے گڑھوں اور پوشیدہ کونوں میں تکبر اور عجب بھرا ہوتا ہے۔ اِس کا پتہ اُن کے انکسار سے لگ سکتا ہے جو محض تکلف اور بناوٹ کے طور پر ہوتا ہے۔ ان میں حقیقی طورپر شکر گزاری کا مادہ نہیں ہوتا یہی وجہ ہے جب کوئی موقع پڑتا ہے تو ان کا سارا انکسار جاتا رہتاہے اور اُن کی حقیقت ظاہر ہو جاتی ہے۔ایسے انکسار کو عربی میں تواضع کہتے ہیں اور یہ تکلف ہوتا ہے۔
کہتے ہیں کسی جگہ دو ہندوستانی اکٹھے ہو گئے۔ یہ دونوں ایسے علاقوں کے تھے جہاں کے لوگوں کا دعویٰ تھاکہ ہم تہذیب میں دوسرے علاقہ کے لوگوں سے بڑھ کر ہیں۔ اب گو تکلف بہت کم ہو گیا ہے مگر مسلمانوں کے آخری زمانہ میں بہت بڑھ گیا تھا اوروہ دونوں اِس آخری زمانہ کے باقی ماندہ تھے۔ ان میں سے ایک سید تھا دوسرا مغل۔ دونوں سٹیشن پر کھڑے تھے اتنے میں ریل آگئی۔ ایک نے دوسرے کو سوار ہونے کے لئے کہا مرزا صاحب’ آپ گاڑی پر تشریف رکھیئے۔ دوسرے نے کہا میر صاحب! آپ تشریف رکھیئے۔ اس طرح بار بار کہتے اور اپنے متعلق عجز کے الفاظ استعمال کرتے رہے کہ گاڑی چل پڑی۔ا ب دونوں کو تکلف بھو ل گیا اور جلد سوار ہونے کے لئے ایک دوسرے کو دھکے دینے لگے۔ یہی حالت ظاہری تواضع اور تکلف کی ہوا کرتی ہے اور اس کی حقیقت اُس وقت کھلتی ہے جب خطرہ یا نقصان کا موقع آئے اور ایسے وقت میں انسانوں کی آزمائش ہوتی ہے۔
مثلاً ایک شخص جو کوئی دینی خدمت کرتا ہے یا نہیں کرتا مگر اپنی طرف سے کوشش کرتا ہے وہ اگر کہتا ہے کہ میرے لئے جو خدمت مقرر ہے مجھ میں کہاں طاقت ہے کہ اِس کو اچھی طرح بجا لا سکوں لیکن جہاں اس خدمت کے نتیجہ اور بدلہ میں اسے کچھ ملنے کی اُمید ہوتی ہے وہ اس کو نہیں ملتا بلکہ ایک ایسے شخص کو مل جاتا ہے جو اُس کے خیال میں اُس کا مستحق نہیں ہوتا تو وہ کہہ دیتا ہے کہ حق تو میرا تھا وہ کیوں لے گیا یا مثلاً ایک غلام ہے وہ آقا کو کہتا ہے کہ جو کچھ آپ مجھے دیتے ہیں وہ آپ کی نوازش اور مہربانی ہے ورنہ میری خدمات کچھ بھی نہیں۔ لیکن جب ترقی یا انعام کا موقع آئے اور آقا دوسرے کو دے دے تو وہ یہ کہنے لگ جائے کہ میری خدمات کی طرف کوئی توجہ نہیں کی گئی۔ تو اِس کی انکساری کی حقیقت کھل جائے گی کیونکہ اگر واقعہ میں وہ اپنی خدمات کو حقیر سمجھتا ہو گا تو ایسے موقع پر اپنی حق تلفی نہیں سمجھے گا۔لیکن اگر ایسے موقع پر وہ بُرا مناتا اور چڑتا ہے تو معلوم ہوا کہ وہ اپنا کچھ حق سمجھتا تھا۔ اس وقت پتہ لگ جاتا ہے کہ واقع میں اس میں تواضع تھی یا تکلف کے طور پر تواضع کا اظہار کرتا تھا۔
لیکن جو لوگ اِس قسم کے امتحانوںمیں کامیاب ہو جاتے ہیں وہی اِس بات کے مستحق ہوتے ہیں کہ انہیں خدا تعالیٰ کے لئے خدمت کرنے والے سمجھا جائے لیکن ایسے لوگ بہت کم ہوتے ہیں۔ اکثر ایسے ہی دیکھے گئے ہیں کہ اپنے نزدیک جو اپنا وہ درجہ قرار دے لیں اگر اس کے خلاف اُن سے سلوک ہو جائے تو سب انکسار اور تواضع بھول جاتے ہیں اور کہہ اُٹھتے ہیں کہ ہماری خدمات کا کوئی لحاظ نہیں کیا گیا۔ یہی حال دینی امور میں بھی ہوتا ہے۔ بہت لوگ ایسے ہوتے ہیں کہ جب کسی دینی امر میں کسی اَور کو اُن پر فوقیت مل جائے تو اعتراض کرنے شروع کر دیتے ہیں۔ پھر جن باتوں کا فیصلہ خدا تعالیٰ کرے، اُن کے متعلق بھی خدا تعالیٰ پر اعتراض کرنے والے ہوتے ہیں۔ یوں تو کہیں گے کہ اللہ کا ہم پربڑا احسان اور فضل ہے۔ بڑے انعامات ہیںمگر جب کوئی مصیبت آئے تو کہہ دیتے ہیں کہ نمازیں پڑھ کر اور روزے رکھ کر دیکھ لیا کچھ فائدہ نہ ہوا۔ گویا وہ جو نمازیں پڑھتے اور روزے رکھتے تھے وہ خدا پر احسان کرتے تھے۔
میں نے بتایا ہے کہ ایسے لوگوں کی حالت ان سے بھی بدتر ہوتی ہے جو خدا کے راستہ میں کوئی کام ہی نہیں کرتے۔ ایک شخص جو نماز نہیں پڑھتا، روزے نہیں رکھتا وہ غافل اور بہت بڑی سزا کا مستحق ہے مگر ایک ایسا شخص جو کوئی تبلیغی کام کرتا ہے یا علم پڑھاتا ہے خواہ وہ الفاظ میں اِس بات کا احسان خدا تعالیٰ پر جتلا وے خواہ اُس کے دل میں کسی کونہ میں یہ بات مخفی ہو کہ میں خدا تعالیٰ پر احسان کر رہا ہوں وہ بہت زیادہ خطرہ میں ہے۔ کیونکہ پہلے انسان کی نسبت کہہ سکتے ہیں کہ اس کی سستی اور غفلت ہے اور وہ سمجھتا ہے کہ مجھے خدا کی کوئی پرواہ نہیں کہ اس کے احکام کو مانوں مگر دوسرے انسان کے اعمال کا یہ ترجمہ ہوتا ہے کہ وہ یہ سمجھتا ہے کہ خدا میرا محتاج ہے ان دونوں فقروں میںکہ ایک کہتا ہے مجھے خد اکی کوئی پرواہ نہیں اور دوسرا کہتا ہے خدا میرا محتاج ہے، سمجھ لو کہ کونسا زیادہ سخت ہے۔ اِس میںشک نہیں کہ پہلا فقرہ بھی بہت سخت اور بہت بڑی سزا کا موجب ہے مگر دوسرا اس سے بھی زیادہ ہے۔ پس یہ خیال بہت ہی خطرناک اور بُرے نتائج پید اکرنے والا اور انسان کو ہلاکت تک پہنچانے والا ہے کیونکہ ایسے لوگوں کو ذرا ذرا سی بات پر ٹھوکر لگ جاتی ہے۔ ایک سمجھتا ہے کہ یہ میرے حقوق ہیں اور جب اس کے سمجھے ہوئے حقوق میں سے کچھ دوسرے کو مل جاتا ہے توسب کچھ بھول جاتا ہے۔ اللہ تعالیٰ فرماتا ہے کہو اللہ ایک ہے۔ ہر بات میں وہ واحد ہے اور کوئی اُس کا شریک نہیں۔ اللہ وہ ہستی ہے کہ ہر ایک چیز اس کی محتاج ہے اور وہ کسی کا محتاج نہیں ہے۔
اِس آیت میں مسلمانوں کو شرک سے بچنے کی تعلیم دینے کے علاوہ یہ بھی نصیحت کی گئی ہے کہ اگر تم کوئی دینی خدمت کرتے ہو تو یہ خدا تعالیٰ کا تم پر احسان ہے کہ اس نے تمہیں ایسا موقع دیا کہ تم خدا پر یا اس کی طرف سے جوجماعت کے انتظام کے لئے مقرر کیاجاتا اُس پر کوئی احسان جتلائو ایسا کرنے والے ہمیشہ ہلاک اور تباہ ہوا کرتے ہیں۔ دیکھ لو ہم میں سے ابھی جو لوگ علیحدہ ہوئے ہیں وہ کون تھے؟ وہی تھے جنہوں نے کوئی کام کیا اور کہا کہ ہم نے بڑی بڑی دینی خدمتیں کی ہیں۔ خد ا تعالیٰ نے اُن کو اپنی جماعت سے نکال کر اِس طرح پھینک دیا جس طرح دودھ سے مکھی۔ ابھی مولوی محمد احسن صاحب جدا ہوئے ہیں۔ ان کی بھی یہی حالت تھی کہ بڑا فخر کیا کرتے اور کہتے تھے کہ میں نے یہ کیا وہ کیا۔ چونکہ اللہ تعالیٰ کو یہ بات سخت ناپسند ہے کہ کوئی انسان اُس پر احسان رکھے اِس لئے ایسے انسان ہمیشہ گرائے اور نیچے پھینکے جاتے ہیں۔
پس میں اپنی جماعت کے لوگوں کو خاص طور یہ نصیحت کرتا ہوں گو وہ حصہ جو خطرناک طور پر اِس مرض میں گرفتار تھا وہ نکل گیا ہے مگر ابھی تک کچھ نہ کچھ ہے ہی۔ بعض کہتے ہیں ہمیں فلاں حق کیوں نہیں دیا گیا اور ہم سے فلاں قسم کا سلوک کیوں نہیں کیاگیا میں کہتا ہوں جب وہ دینی خدمت کرتے ہیں توپھر حق کیسا؟
رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے وقت ایک جنگ کے موقع پر جبکہ حضرت عمرؓ، خالدؓ اور ابوعبیدہؓ جیسے نامور اشخاص لشکر میںشامل تھے،ا سامہ بن زید کو لشکر کا سپہ سالار بنایاگیا تھا ۲؎ جس کی عمر ۱۸ سال کی تھی اور جس نے کوئی خدمت نہ کی تھی مگر بڑے بڑے صحابہ میں سے کسی ایک نے بھی نہ کہا کہ ہماری خدمات کی طرف توجہ نہیں کی گئی۔ واقعہ میں ہر مومن کو ایسا ہی ہونا چاہئے کیونکہ جب اللہ کے لئے دینی خدمت کی جائے تو پھر اس کے کیا معنی کہ ہماری خدمات کا لحاظ نہیں کیا گیا۔ اللہ تعالیٰ تو انسانوں کو پہلے دیتا ہے اور اس کے بعد وہ اس کے راستہ میں کچھ صرف کرتے ہیں۔ ایک نوکر اپنے آقا کی خدمت آئندہ ملنے والی تنخواہ کے لئے کرتا ہے مگر انسان جو اللہ تعالیٰ کے لئے کام کرتا ہے وہ اس کے انعام کے بدلہ کرتا ہے جو اُسے پیشتر مل چکا ہوتا ہے۔ خدا تعالیٰ چونکہ احد ہے۔ انسان اگر کسی سے کچھ کام لیتے ہیں تو اس چیز کے بدلے بعد میں دیتے ہیں لیکن اللہ اپنے بندوں کو جو کام بتلاتا ہے وہ اُس کے بدلے میں ہے جو اُنہیں دے چکا ہوتا ہے۔ا للہ تعالیٰ نے انسان کو پیدا کیا، قویٰ دئیے، دولت، علم، عقل و ہمت دی۔ اِس کے بعد کہتا ہے کہ ان میں سے کچھ ہمارے راستہ میں خرچ کرو۔ اللہ تعالیٰ یہ نہیں کہتا کہ پہلے تم کوئی کام کرو تو پھر میں تمہیں یہ چیزیں دوں گا کیونکہ ہر ایک چیز اُس کی محتاج ہے۔ جب ہر چیز محتاج ہوئی تو جب تک وہ چیزیں نہ دے اُس وقت تک کوئی کام کس طرح کر سکتا ہے اِس لئے خداتعالیٰ پہلے دیتاہے اور پھر کہتا ہے کہ اِس طرح کرو۔ پس جب خدا تعالیٰ کچھ کرنے سے پہلے ہی دے دیتا ہے تو پھر یہ کہنا کہ ہمارا حق نہیںملا یا ہماری خدمات کا لحاظ نہیں کیا گیا حددرجہ کی نادانی نہیں تو اور کیا ہے۔ یہ توا یسی بات ہے کہ ہم ایک مزدور کو بٹالہ بھیجیں اور آٹھ یا بارہ آنہ مزدوری اُسے پہلے دے دیں لیکن وہ واپس آکر کہے کہ مجھے کچھ نہیں دیا گیا، یہ اس کی جہالت نہیں ہو گی تو اور کیا ہوگا۔ توا للہ تعالیٰ پہلے دیتا ہے اور بعد میں کام لیتا ہے۔ایسی صورت میں دینی خدمت کر کے اپنا حق جتلانا گستاخی ہے۔ پس ایسے لوگ جو زبان سے تو کہتے ہیں کہ ہم خدا کے لئے کام کرتے ہیں اور ہماری طاقت ہی کیا ہے کہ کوئی دینی کام کر سکیں جو کچھ ہوتا ہے خدا کے فضل سے ہی ہوتا ہے۔ مگر اُس وقت جبکہ ان کی جگہ کسی دوسرے کو مقرر کر دیا جائے یا ان کی نسبت کسی دوسرے کو کچھ زیادہ مل جائے تو وہ بھی انہی لوگوں میں شامل ہوجاتے ہیں جو کوئی کام کر کے خدا تعالیٰ پراحسان جتلاتے ہیں اور یہ مرض جو اُن کے سینہ کے کسی کونہ میں مخفی ہوتا ہے باہر نکل آتا ہے اس لئے سب دوستوں کو چاہئے کہ اپنے نفسوں کا خاص طور رپر مطالعہ کریں اور اِس مرض کو بالکل نکال دیں۔
مجھے حیرت ہوئی ہے کہ اِس جماعت میں بھی ایسے لوگ ہیں جو ذرا سی بات پر کہہ دیتے ہیں کہ ہماری حق تلفی ہوئی ہے۔ میں کہتا ہوں جب وہ دین کے لئے اور خدا تعالیٰ کے لئے کا م کرتے ہیں تو حق تلفی کے کیا معنی!! دیکھو حضرت مسیح موعودؑ نے خدا تعالیٰ کے حضور کس قدر عاجزی اور انکساری اختیار کی ہے۔ فرماتے ہیں :
کرمِ خاکی ہوں میرے پیارے نہ آدم زاد ہوں
ہوں بشر کی جائے نفرت اور انسانوں کی عار
پھر فرماتے ہیں:
لوگ کہتے ہیں کہ نالائق نہیں ہوتا قبول
میں تو نالائق بھی ہو کر پا گیا درگارہ میں بار
یہ ایک اتنا بڑا انسان اپنے متعلق کہتاہے جس کی نسبت تمام انبیاء نے پیشگوئی کی، جور سول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کا موعود تھا، آپ کی اُمت میں بہت بڑے فتنہ کے وقت آپ کا نائب مقرر ہو کر آیا تھا اور آپ کا بروز ہو کر کھڑا ہوا تھا۔ پس جب وہ خدا تعالیٰ کے حضور اِس قدر گرتا اور فروتنی اختیار کرتا ہے کہ اپنے آپ کو انسان بھی نہیں قرار دیتا تو اَور کسی نے اس کے مقابلہ میں دین کی کیا خدمت کرنی ہے کہ خدا تعالیٰ پر اپناحق سمجھے۔ پھر رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم ایسے عظیم الشان انسان سے بھی جس کی غلامی سے حضرت مسیح موعود علیہ السلام جیسا انسان پیدا ہوا جب حضرت عائشہؓ نے کہا کہ آپؐ تو عملوں کے ذریعہ جنت میں جائیں گے تو آپؐ نے فرمایا نہیں میں بھی خدا کے فضل سے ہی جنت میں جائوں گا۔۳؎ پس وہ انسان جو سیّد الانبیاء اور اگلے پچھلے تمام انسانوں کا سردار ہے وہ بھی جب خدا کا نام آتا ہے تو کہتا ہے کہ میرے عمل کیا اس کے فضل سے ہی جنت میں جائوں گا۔ تو کیسا نادان ہے وہ انسان جو ان کے خادموں کا غلام ہونے کا دعویٰ کرتا ہے مگر اللہ تعالیٰ سے وہ مطالبہ کرتا ہے جو انہوں نے بھی نہیں کیا۔ وہ ان کے غلاموں کا غلام ہونے کا مدعی ہے مگر اللہ تعالیٰ کو اپنا غلام بنانا چاہتا ہے حالانکہ کسی غلام کی یہ طاقت نہیں ہوتی کہ اپنے آقا کا مقابلہ کرے۔ پھر جو غلاموں کا غلام ہو اُس کا کیا حق ہو سکتاہے۔ تو یہ بہت بُری بات ہے کہ جب لوگ یہ سمجھتے ہیں کہ ہمیں اپنے حقوق نہیں ملے تو بڑا شور مچاتے ہیں۔ ایسے لوگوں کو میں نصیحت کرتا ہوں کہ اگر وہ کوئی دینی خدمت کرتے ہیں توا ن کے دل سے یہ خیال نکل جانا چاہئے۔جب تک ان کو دینی خدمت کی توفیق ملتی ہے اُنہیں سب کچھ مل رہا ہوتا ہے لیکن جب اُنہیں حقوق کا خیال پیدا ہو تا ہے توا ن کا سب کچھ جاتا رہتا ہے۔
خدا تعالیٰ ہماری جماعت کو توفیق دے کہ وہ اللہ تعالیٰ کے احسانوں کو سمجھے اور اس بات کا عملی طور پر ثبوت دے کہ اللہ اُس کا محتاج نہیں بلکہ وہ اللہ کی محتاج ہے۔ خدا تعالیٰ ہماری جماعت کو ہر قسم کے تکبر سے بچائے۔‘‘ آمین (الفضل ۷؍ اپریل ۱۹۱۷ئ)
۱؎ الاخلاص: ۲ تا آخر
۲؎ بخاری کتاب فضائل اصحاب النبی ﷺ باب مناقب زید بن حارثہ (الخ)
۳؎ بخاری کتاب الرقاق باب القصد والمداومۃ علی العمل
۵۵
احمدیہ کانفرنس کے متعلق
(فرمودہ ۶؍ اپریل ۱۹۱۷ئ)
تشہد ، تعوذ اور سورۃ فاتحہ کے بعد حضور نے درج ذیل آیت کی تلاوت کی:۔
۱؎
بعد ازاں فرمایا:۔
’’اللہ تعالیٰ نے اپنے فضل اور رحم اور احسان سے بنی نوع انسان کی ہدایت اور روحانی ترقی کے لئے اپنی صفت رحمانیت کے تقاضا کے ماتحت جس قسم کے سامانوں کی ضرورت تھی تمام مہیا کر دئیے ہیں اور کوئی چیز جو انسان کی روحانیت کے لئے ضروری ہو ایسی نہیں جس کے نازل اور مہیا کرنے میں دریغ کیا گیا ہو۔ چنانچہ جس محبت اور پیار ، جس رحم اور کرم سے خداتعالیٰ پہلے لوگوں کو دیکھتا تھا، جس شفقت کی نظر اُن پر تھی اُسی مہربانی اور رحم و کرم سے ہم کو دیکھتا ہے اور وہی نظر ہم پر ہے۔ اس کے رحم اور فضل کے سامانوں میں سے انبیاء کی بعثت بھی ایک سامان ہے اس سے بھی ہم کو محروم نہیں رکھا گیا۔ اس زمانہ میں انبیاء کی اطاعت تو الگ رہی لوگوں نے تو یہ بھی فیصلہ کر لیا تھا کہ اب کوئی نبی ہی نہیں آئے گا اور کہا کہ اگر کوئی نبی آئے تو اس سے آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی ہتک ہو گی۔ یہ خیال قائم کر کے بعثت انبیاء اور ان کی اطاعت سے مخلصی حاصل کر لی تھی مگر اِس زمانہ میں خدا تعالیٰ نے ایک نبی کو مبعوث کر کے اپنی صفت رحمانیت کے ماتحت ہم پر خاص احسان کیا ہے۔ لیکن جہاں خداتعالیٰ رحمن ہے وہاں رحیم بھی ہے جہاں اُس نے صفت رحمانیت کے ماتحت ہمارے لئے سامان مہیا کئے ہیں وہاں اُس کی صفت رحیمیت اِس بات کی مقتضی ہے کہ اِس کے ماتحت کام کر کے فائدہ اُٹھایا جائے اور یہ وہ لوگ کر سکتے ہیں جو اس کے فضل سے رحمانیت کے انعام کے وارث ہو چکے ہیں اور وہ ہماری ہی جماعت کے لوگ ہیں۔
اِس کے مطابق ہماری جماعت کے لوگ کام کرتے ہیں اور ہر ایک جائز طریق سے کوشش میں لگے رہتے اور عمدہ تجاویز پر عمل کرتے ہیں۔ اِنہی میں سے ایک احمدیہ کانفرنس کی تحریک ہے۔ اس کے لئے حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام کی قائم کی ہوئی ایک انجمن ہے جو صدرانجمن احمدیہ کہلاتی ہے۔ اِس کے قائم کرنے کی غرض اور غایت یہ تھی کہ وہ اموال جو لوگ یہاں خدا کے راستہ میں خرچ کرنے کے لئے بھیجتے ہیںاُن کی حفاظت کرے اور دیانتداری کے ساتھ خرچ کرے۔ اگر کسی ایک شخص کے سپرد مال ہو تو اس میں کئی قسم کے نقص پیدا ہو سکتے ہیں لیکن جب بہت سے لوگ مل کر کام کریں تو محافظت کا اچھا سامان ہو سکتاہے۔ صحابہؓ میں بھی یہی طریق تھا کہ مال کا انتظام بعض معتبر صحابہؓکے سپر د تھا۔
اِس لحاظ سے صدر انجمن مفید تھی اور ہے اور ہو گی جب تک کہ دیانت اور امانت سے کام کرے گی۔ حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام نے فرمایا ہے کہ مجھے اِس بات کا اندیشہ نہیں ہے کہ مال کہاں سے آئے گا۔ مال تو بہت آئے گا مگر اس بات کا اندیشہ ہے کہ مال کو دیکھ کر لوگوں کے خیالات خراب نہ ہو جائیں۔۲؎ اس لئے اس احتیاط کی ضرورت تھی کہ مالوں کی حفاظت پورے طورپر ہو سکے۔ موجودہ اختلاف جو حضرت خلیفٰۃ المسیح الاوّل کے بعد ہوا کتنا بڑا تھا مگر اس سے بھی بڑے بڑے اختلافات ہو سکتے ہیں۔ حضرت علیؓ اور حضرت معاویہؓ کی جنگ بہت خطرناک تھی یہ ہمارا اختلاف اُس کے مقابلہ میں کچھ بھی نہیں تھا۔ اُس وقت حضرت ابن عباسؓ کے قبضہ میں مال تھا۔ جس وقت اختلاف ہوا اور حضرت علیؓ اور معاویہؓ میں جنگ چھڑی تو اُنہوں نے مال پر قبضہ کرلیا اور کہہ دیا کہ یہ میرا حصہ ہے۔
حضرت مسیح موعود علیہ السلام نے اِسی قسم کے خطروں کو مدنظر رکھ کر دُور اندیشی سے ایک انجمن بنائی اور اس کا نام انجمن معتمدین رکھا تاکہ وہ اموال جو لوگوں کے اس کے قبضہ میں آئیں ان کو اچھی طرح اور صحیح طریق پر خرچ کرے۔
یہ ایک بابرکت اور مفید بات ہے لیکن اس سے بھی بڑھ کر عمدہ نتائج پیدا کرنے والی بات وہ ہے جو آپؐ نے الوصیت میں فرمائی ہے کہ ’’سب میرے بعد مل کر کام کرو۔‘‘۳؎ اس کا یہ مطلب تو ہرگز نہیں کہ تمام احمدی اپنے اپنے وطن کو چھوڑ کر ایک جگہ آجائیں اور پھر کام کریں کیونکہ اِس طرح تو جماعت بجائے ترقی کرنے کے تنزل کی طرف جائے گی۔ سو مِل کر کام کرنے کے یہ معنی ہیں کہ آپس میں مشورہ سے کام کرو۔ اور یہ ثابت شدہ بات ہے کہ کوئی قوم اُس وقت تک ترقی نہیں کر سکتی اور نہ ہی اپنے مقصد میں کامیاب ہو سکتی ہے جب تک اُس کے سب افراد ان کاموں کو جن کا کرنا اُن پر فرض کیا گیا ہے دلچسپی اور جوش سے نہ کریں اور ان کو انجام دینے میں حصہ نہ لیں۔ چونکہ انسانوں کے دماغ مختلف ہوتے ہیں اِس لئے کسی کام کر نے کے متعلق اگر زیادہ لوگ غور وخوض کریں تو ان کے ذہن میں مختلف طریق آتے ہیں اور جب مختلف خیالات معلوم ہو جائیں تو ان میں سے زیادہ عمدہ باتیں معلوم ہو جاتی ہیں۔ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کا بھی یہی طریق تھا کہ آپ کسی معاملہ کے متعلق صحابہ کو جمع کرکے اُن سے مشورہ کر لیا کرتے تھے۔ ہاں یہ ضروری نہیں تھا کہ آپ ہر ایک کے مشورہ پر عمل بھی کرتے۔ آپ کو حکم تھا کہ ۴؎ جس کام میں ضرورت ہو مشورہ لو۔ مگر جب کسی کام کے کرنے کا ارادہ کر چکو تو پھر اللہ پر توکل کر کے شروع کر لو۔
دیکھو یہ جو اذان دی جاتی ہے یہ اس طرح تجویز ہوئی کہ مشورہ کیا گیا کہ لوگوں کو نماز کے وقت کس طرح جمع کیا جایا کرے؟ کسی نے کوئی طریق بتایا کسی نے کوئی۔ایک صحابی نے عرض کیا کہ میرے خیال میں ہر نماز کے وقت بلند آواز سے اَللّٰہُ اَکْبَرُ اَللّٰہُ اَکْبَرُ اَللّٰہُ اَکْبَرُ اَللّٰہُ اَکْبَرُ۔ اَشْھَدُ اَنْ لاَّ اِلٰہَ اِلاَّ اللّٰہُ۔ اَشْھَدُ اَنَّ مُحَمَّدًا رَسُوْلُ اللّٰہِ۔حَیَّ عَلَی الَصَّلٰوۃ حَیَّ عَلَی الْفَلَاحِ۔ اَللّٰہُ اَکْبَرُ اَللّٰہُ اَکْبَرُ ۔ لَااِلٰہَ اِلاَّ اَللّٰہ کہا جایا کرے۔ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے بھی اس کو پسند فرمایا۔ دوسرے دن ایک اور صحابی آئے اور انہوں نے کہا کہ مجھ کو رؤیا میں یہ اذان بتائی گئی۵؎ اسی طرح حضرت عمرؓ نے فرمایا کہ مجھے بھی رئویا میں یہی بتایا گیا ہے۔ ۶؎ اِس سے معلوم ہوا کہ اس صحابی کی یہ بات خدا تعالیٰ کو بھی پسند آئی اور اس نے رئویا کے ذریعہ بعض لوگوں پر ظاہر کر دی اور آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کے دل میں اس کی پسندیدگی کا خیال بھی پیدا کر دیا۔ بظاہر تو یہ ایک شخص کا مشورہ تھا مگر خدا تعالیٰ کو اور رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کو بھی پسند آگیا۔ جس کا نتیجہ یہ ہوا کہ اب تمام دنیائے اسلام میں یہی طریق رائج ہے اور صفحۂ عالَم پر پانچ وقت روزانہ بلند آواز سے اس کا اعلان کیا جاتا ہے۔
تو مشورہ ایک عمدہ بات ہے ۔لوگوں کو اگر کوئی حکم دیا جائے کہ فلاں کام اس طرح کرو تو وہ اسے مان تو جاتے ہیں مگر دل میں اُس کے کرنے کا خاص جوش پیدا نہیں ہوتا مگر مشورہ کے ذریعہ سب کو ایک بات کی ضرورت معلوم ہوجاتی ہے اور جب ضرورت معلوم ہو جائے تو لوگ جوش اور رغبت سے کرنے کیلئے تیار ہو جاتے ہیں۔پس مشورہ ایک مفید چیز ہے مگر یہ نادانی ہے کہ کوئی کہے کہ ہمارے مشورہ پر عمل کیوں نہیں کیا گیا۔ مشورہ اَور چیز اور اُس پر عمل کرنا ایک الگ چیز۔
کانفرنس حضرت مسیح موعودؑ کے اِس حکم کو پورا کرنے والی ہے کہ میرے بعد مل کر کام کرو۔ صحابہؓ کے وقت بھی جب ایسی ضروریات پیش آتی تھیں تو بڑے بڑے بزرگ صحابہؓ کو بلا کر اُن سے مشورہ کر لیا جاتا تھا اور جو خاص لوگ کہیں باہر ہوتے تھے اُن سے بھی خطوط کے ذریعہ مشورہ کر لیا جاتا تھا۔ حضرت علیؓ اور حضرت معاویہؓ کے اختلاف اور حضرت معاویہؓ کے ابتلاء کی یہی وجہ ہوئی کہ انہوں نے کہا کہ جب وہ ایک صوبہ کے گورنر تھے تو کیا وجہ ہے کہ ان سے مشورہ نہیں کیا گیا اور انہوں نے حضرت علیؓ کے اس مشورہ نہ لینے کو عداوت پر محمول کیا۔ پس خلفاء بھی حتی الامکان بیرونی لوگوں سے مشورہ لینے کی کوشش کرتے تھے لیکن چونکہ اُس وقت سفر کے سامان نہ تھے اور نہ سفر میں ایسی آسانیاں تھیں، نہ ریل تھی، نہ ڈاک تھی، نہ محکمہ تار تھا اس لئے اگر تمام قوم کو جو دنیا کے مختلف حصص میں پھیلی تھی اطلاع کی جاتی تو کوئی کام بآسانی نہ ہو سکتا اور ہر ایک بات کے متعلق مشورہ کرنے کے لئے کم از کم پانچ سال کا عرصہ درکار ہوتا اِس صورت میں وہ کام جن کا جلد ہونا ضروری ہوتا بہت دیر پر جا پڑتے اور بہت نقصان ہوتا اِس لئے مقامی صحابہ سے ہی مشورہ کر لیا جاتا تھا۔ ہاں حج کا ایک ایسا موقع ہوتا تھا کہ تمام دنیائے اسلام کے لوگ وہاں جمع ہوتے تھے اِس لئے ان سے مشورۃً باتیں دریافت کر لی جاتی تھیں۔ چنانچہ حضرت عمرؓ کے خطباتِ حج میں ہم ان باتوں کو پاتے ہیں۔
آج چونکہ سفر میں بہت سہولتیں ہیں اور ایک قلیل مدت میں دُور دراز کے لوگ جمع ہو سکتے ہیں اس لئے ہمیں اس سے فائدہ اُٹھانا چاہئے۔ پس میں سمجھتاہوں کہ کانفرنس وہی مجلس شوریٰ ہے کہ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم اور آپ کے خلفاء کے وقت تھی لیکن چونکہ اب بیرونی احباب بھی آسانی سے شامل ہو سکتے ہیں اس لئے ہم ان آسانیوں سے فائدہ اٹھا کر ان کو بھی شامل کرنا چاہتے ہیں۔ میرے نزدیک کانفرنس ایک اہم امر ہے اور وہ درحقیقت حضرت مسیح موعودؑ کے اِس حکم کو پورا کرنے کے لئے ہے جو آپ نے مالوں کی حفاظت اور مل کر کام کرنے کے متعلق دیا ہے اور اس کی بنیاد آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کے وقت سے قائم ہے۔ دیکھو صدرا نجمن کے سپرد صرف مدرسہ، لنگر اور ایسے ہی دوسرے کام کئے گئے جن کا تعلق چندہ سے ہے مگر جماعت کا انتظام حضرت مسیح موعودؑ نے انجمن کے سپرد نہیں کیا۔ اللہ تعالیٰ کے جو کام ہوتے ہیں وہ آہستہ آہستہ ہوتے ہیں۔ اب کی دفعہ چونکہ احباب باہر سے آئے ہیں اور وہ ان امور پر غور کریں گے جو اُن کے روبرو پیش کئے جائیں گے اور آپس میں مشورہ کر کے سوچیں گے کہ کس طرح کام کرنا چاہئے اور ہماری جماعت کی سیاسی حالت آئندہ کیا ہو گی۔
میں نے پہلے بھی بتایا ہے اور اب بھی بتاتا ہوں کہ بہت سے لوگ سیاست کے معنوں سے واقف نہیں اس لئے وہ صرف سلطنت اور حکومت سے ہی اس کا تعلق سمجھتے ہیں لیکن یہ درست نہیں ہے۔ سیاست کا تعلق ہر ایک انتظامی بات سے ہے اور جس طرح سلطنتوں کی سیاست ہوتی ہے اِسی طرح مذہب کی بھی ایک سیاست ہے۔ سیاست کہتے ہیں اُس انتظام کو جس کے ماتحت کسی کام کرنے والی جماعت کی طاقتیں محفوظ ہو کر ایک قاعدہ کے ماتحت اِس طرح آجائیں کہ نہ ان سے اِس قدر زیادہ کام لیاجائے جس سے آئندہ قوم کام کرنے کے قابل نہ رہے اور نہ اتنا کم کہ کوئی کام ہی انجام نہ پا سکے۔ پس سیاست نام ہے جماعت کے اس انتظام کا جو مناسب حدود پر قائم کیاجائے۔
یہ آیت جو میں نے اِس وقت پڑھی ہے اس میں کچھ احکام بیان کئے گئے ہیں اور بتایا گیا ہے کہ اگر کامیاب ہونا چاہتے ہو تو اِن پر عمل کرو۔ وہ ہدایتیں جو اللہ تعالیٰ نے بیان کی ہیں نہایت مکمل اور نہایت ضروری ہیں کیونکہ یہ اُس ہستی کی طرف سے ہیں جو عالم الغیب ہے۔ ان پر عمل کرنا کسی ایسی قوم کے لئے جو دنیا میں ترقی کرنا چاہتی ہو نہایت ضروری ہے۔ چونکہ ہماری جماعت کے لوگ بھی یہاں اِسی غرض سے جمع ہوئے ہیں کہ وہ ایسی تجاویز سوچیں جن سے ترقی کر سکیں اور آئندہ کے لئے اپنے طریق عمل پر غور کریں۔ پس میں اِس آیت کے معنے بیان کر دیتا ہوں تاکہ مشورہ دیتے وقت اِس آیت کا مضمون آپ لوگوں کو مدنظر رہے۔ فرمایا
اے مؤمنو! اگر تم چاہتے ہو کامیاب ہونا تو آئو ہم تمہیں کامیابی کے گُر بتاتے ہیں جن پر عمل کرنا یقینی کامیابی حاصل کرنا ہے۔ پہلا گُر یہ ہے کہ تم اپنے اندر صبر کا مادہ پیدا کرو کہ اگر تم پر مصائب اور مشکلات آئیں تو تم ان کو برداشت کر سکو۔ اپنے اندر دلیری پید اکرو، جومضر باتیں ہیں ان سے بچنے کے لئے سخت کوشش کرو اور جو مفید ہیں ان کے حصول کے لئے سعی کرو۔ بہادری پیدا کرو، مشکلات و مصائب پر مت گھبرائو، ناامید مت ہو، بُری بات نظر آئے تو اُ س سے رُک جائو، اچھی کے حاصل کرنے میں بڑھے جائو۔ یہ ہیں معنی کے۔
جب کوئی قوم بڑھنا چاہتی ہے تو دوسری اس کا مقابلہ کرتی ہے اور چاہتی ہے کہ اسے نہ بڑھنے دے۔ کیوں؟ اس لئے کہ بڑھنے والی قوم اس صورت میں بڑھے گی کہ دوسری کو فنا کر دے اور ان کو نگل جائے۔ پس چونکہ دوسری قومیں اس نئی قوم کے بڑھنے میں اپنی فنا دیکھتی ہیں تو وہ اپنی بقاء کے لئے اس کا مقابلہ ضروری سمجھتی ہے اور جب تک کوئی دوسری قوم مدمقابل قوم کو اپنے اندر جذب نہ کرلے اُس وقت تک وہ ترقی نہیں کر سکتی۔ اللہ تعالیٰ کی مخلوق محدود نہیں مگر جب کوئی مخلوق ترقی شروع کرتی ہے تو دوسری کا خاتمہ ہوتا ہے۔ اگر سمندر ترقی کرے تو خشکی باقی نہیں رہے گی، اگر خشکی بڑھے گی تو سمندر کم ہو جائے گا۔کوئی چیز ہو،کوئی نسل ہو، جب وہ ترقی کرے گی تو دوسری یقینا فنا ہو گی۔ یہ ایک علمی مسئلہ ہے کہ کیوں دوسری مدمقابل چیز گھٹتی ہے جس کی تفصیل کی یہاں ضرورت نہیں ۔ ایک چیز کا گھٹنا دوسری کے بڑھنے اور دوسری کا بڑھنا پہلی کے گھٹنے کی علامت ہے۔مثلاً جب مسلمان بڑھے تو دوسری قومیں جو اِن کے مقابلہ میں تھیں کم ہونا شروع ہوگئیں۔ اُس وقت مسلمانوں کی نسلی ترقی کے ساتھ مذہبی ترقی بھی ہوتی تھی۔ جب ایک قوم کی تجارت بڑھے گی تو دوسری کی تجارت پر ضرور زوال آئے گا۔
پس جو قوم یہ چاہتی ہو کہ وہ تمام دنیا پر حاوی ہو جائے، اس کی تبلیغ تمام دنیا پر ہو۔ وہ گویا تمام باقی مذاہب کو مٹانا چاہتی ہے لیکن کون ہے جو چاہتا ہے کہ میری ہستی فنا ہوجائے۔ یہی وجہ ہے کہ تمام مذاہب کے لوگ سچے مذہب کے مقابلہ کے لئے کھڑے ہو جاتے ہیں۔ کیا وجہ تھی کہ مکہ کے لوگوں نے آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم اور صحابہؓ کو ہر قسم کی تکلیفیں دینا شروع کر دی تھیںاور نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم پر حملے کرنے شروع کر دئیے تھے؟ یہی کہ وہ دیکھتے تھے کہ اگر اِن کامقابلہ نہ کیا گیا تو تمام لوگوں پر اِن کا اثر ہو جائے گا اور جب سب لوگ اسلام کو قبول کر لیں گے تو پھر ہمارے بتوں کی عزت چھوڑ دی جائے گی اور اُن کی ہتک کی جائے گی۔ اب بھی یہی وجہ ہے کہ غیر احمدی ہر جگہ احمدیوںکو تکلیفیں دے رہے ہیں، وہ صداقت کااُسی طرح مقابلہ کرنا چاہتے ہیں، وہ سب لوگ جو صداقت سے دُور ہوتے ہیں صداقت کا مقابلہ کرنے کے لئے جمع ہو جاتے ہیں۔
جس طرح بکریاں آپس میں لڑیں بھڑیں گی مگر جب شیر آجائے گا تو وہ اپنی لڑائی چھوڑ دیں گی یا اَور جانور ہوں وہ لڑائیاں چھوڑ کر شیر کا مقابلہ کریں گے، اگر مقابلہ نہیں کر سکیںگے تو اپنے بچائو کی فکر تو ضرور کریں گے۔ پس یہی صورت ہے جھوٹے مذاہب کی کہ وہ سب مل کر سچے کے مقابلہ میں جمع ہو جاتے ہیںکیونکہ وہ سمجھتے ہیں کہ اگر یہ مذہب پھیلا تو ہماری خیر نہیں اس لئے وہ بہت سخت مقابلہ کرتے ہیں۔ خد اتعالیٰ فرماتا ہے۔کہ اے مومنو! چونکہ تم کو بڑھنا اور ترقی کرنا ہے اس لئے تمہاری راہ میں ہر قسم کی تکالیف اور مصائب آئیں گی لیکن ان سے گھبرانا مت بلکہ صبر سے کام لینا اور اُن مصائب کو جو تم پر آئیں بہادری سے برداشت کرنا۔پس پہلا حکم یہ ہے کہ اپنے اندر صبر کامادہ پیدا کرو، اپنی جائز اُمیدوں اور جوشوں کو دبائو اور ان کو روکنے کی کوشش کرو۔
پہلا حکم تو تھا دوسرا حکم ہے ۔ یعنی ایک دوسرے سے بڑھ کر کام کرو۔ اِس کا نام مصابرت ہے۔ یہ درجہ پہلے درجہ سے اعلیٰ بھی ہو سکتا ہے اور دوسرے درجہ پر بھی۔ کے معنی ہیں کہ ایک دوسرے کے مقابلہ میں صبر کر کے دکھائو۔ یعنی ہر ایک کی یہی خواہش اور کوشش ہونی چاہئے کہ میں دوسرے سے بڑھ جائوں اور ہر ایک کہے کہ بھئی! تم تکلیف نہ اُٹھائو یہ کام میں کرتا ہوں۔
یہ ایک ایسا اصل ہے جس کے نہ سمجھنے کے سبب سے بہت سی قومیں ترقی کے میدان میںپیچھے رہ جاتی ہیں۔ مسلمانوں کو یہ بتایا گیا ہے کہ تم میں سے ہر ایک کی یہ آرزو ہو کہ میں ہی غلبہ پائوں اور میں ہی اس کام میں زیادہ حصہ لوں۔ یا اگر کسی سے کوئی تکلیف پہنچیتو اِس کے بدلہ میں اس کے ساتھ نیکی کر کے صبرمیںبڑھنے کی کوشش کرنا چاہئے۔ یہ نہیں ہونا چاہئے کہ کوئی کسی کے متعلق بات کرے تو وہ کہے کہ اِس نے میری ہتک کی ہے اب میں بھی اس سے انتقام لوں۔ یا یہ کہ جب قربانی کا موقع آئے تو یہ نہ ہو ہر ایک دوسرے کو کہے کہ آپ آگے بڑھیں اور آپ یہ کام کریں بلکہ یہ ہونا چاہئے کہ ہر ایک یہی کہے کہ میں اس کام کو کروں گا اور میں ہی سب کے آگے بڑھوں گا۔ اس طرح ہر ایک اپنے اپنے فوائد کو قربان کرے یہ نہ ہو کہ ہر ایک دوسرے کے مقابلہ میں اپنے فوائد کو مقدم کرے۔
حضرت صاحبؑ دو صحابیوں کے متعلق ایک بات سناتے تھے۔ میں نے تو ان کا حال کسی کتاب میں نہیں پڑھا مگر چونکہ حضرت صاحب سناتے تھے اس لئے بیان کرتا ہوں۔ ایک بازار میں گھوڑا بیچنے کے لئے لایا ۔ دوسرے نے اُس سے قیمت دریافت کی۔ اُس نے کچھ بتائی لیکن خریدنے والے نے کہا۔ نہیں اِس کی یہ قیمت ہے اور جو اُس نے بتائی وہ بیچنے والے کی بتائی ہوئی قیمت سے زیادہ تھی لیکن بیچنے والا کہے میں تو وہی قیمت لوں گا جو میں نے بتائی ہے اور خریدنے والا کہے نہیں میں یہی قیمت دوںگا جو میں نے قرار دی ہے۔ یہ تو صحابہ کا ایک معمولی واقعہ ہے۔ وہ لوگ تو ہر ایک نیکی کے میدان میں ایک دوسرے سے بڑھنا چاہتے تھے۔ خداتعالیٰ فرماتا ہے تم نیکی میں ایک دوسرے سے بڑھو۔ اگر ایک دین کا کوئی کام کرے تو تم کوشش کرو کہ اُس سے بھی بڑھ کر کرو اور دوسرے کے مقابلہ میں اپنے نفس کو قربان کرو۔
صحابہ کی عجیب شان ہے۔ ایک دفعہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس کچھ مہمان آئے آپ نے صحابہ میں ایک ایک کر کے تقسیم کر دئیے۔ ایک صحابی دو مہمانوں کو اپنے گھر لے گئے۔ بیوی سے کھانے کے متعلق پوچھا تو اس نے کہا صرف د و آدمی کا کھانا ہے جو صرف بچوں کے لئے ہے لیکن میں ان کو سُلا دیتی ہوں چنانچہ ایسا ہی کیا گیا۔ لیکن پھر یہ خیال ہوا کہ یہ مہمان اُس وقت تک کھانا نہیں کھائیں گے جب تک کہ ہم بھی ان کے ساتھ بیٹھ کر نہ کھائیں گے۔ مگر کھانا اتنا نہیں کہ سب کے لئے کافی ہو سکے اس لئے وہ بھوکے رہ جائیں گے۔ اس کے متعلق صحابی نے بیوی کو کہا ایک تدبیر کرنی چاہئے اور وہ یہ کہ جب کھانا کھانے بیٹھیں گے تومیں تمہیں کہوں گا چراغ کی بتی اُونچی کر دو لیکن تم بجائے اُونچی کرنے کے اس طرح کرنا کہ چراغ بجھ جائے۔ پھر میں معذرت کر دوں گا کہ چراغ جلانے کا کوئی سامان نہیں آپ کو بہت تکلیف ہوئی ہے معاف فرمائیں اور اندھیرے میں ہی کھانا کھا لیں۔ جب وہ اندھیرے میںکھانا شروع کر دیں گے تو ہم ساتھ یونہی مچا کے مارتے رہیں گے جس سے وہ سمجھیں گے کہ یہ بھی کھا رہے ہیں چنانچہ اسی طرح کیا گیا۔ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کو اللہ تعالیٰ نے بذریعہ وحی بتلا دیا۔ جب یہ صحابی صبح گئے تو آپؐ ہنسے اور فرمایا کہ خدا تمہارے اِس فعل سے بہت خوش ہوا ہے اور ہنسا ہے۔چونکہ خدا تعالیٰ ہنسا ہے اِس لئے میں بھی ہنستا ہوں۔۷؎ تو یہ تھی ان لوگوںکی شان۔ اوّل تو ایک کی بجائے دو مہمان لئے، پھر بچوں کو بھوکا سُلایا، خود بھوکے رہے مگر یہ گوارا نہ کیا کہ مہمان بھوکے رہیں۔
اور بہت سے واقعات ہیں۔ مثلاً ایک دفعہ بحرین سے مال آیا آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے انصار سے کہا کہ آئو تمہیں مال دوں۔ اُنہوں نے عرض کی یَا رَسُوْلَ اللّٰہِ! مہاجرین ہم سے زیادہ مستحق ہیں ان کودیا جائے۔ ۸؎ اگرچہ اللہ کو یہ بات پسند نہ آئی کہ کیوں اُنہوں نے حکم نہ مانا۔ مگر یہ ضروری ہے کہ فی نفسہٖ یہ بات بُری نہ تھی۔ اس کانتیجہ یہ تھا کہ انہوںنے خوب ترقی کی اور خوب بڑھے۔پس دوسری بات یہ ہے کہ نہ صرف اپنے نفس کو ہی قابو کرنا سیکھو بلکہ نیکی میں ایک دوسرے سے بڑھنے کی کوشش کرو۔
تیسرا طریق یہ ہے کہ جب ان دو مراتب کو طے کر چکو تو دشمن پر حملہ کروپھر تمہیں گھر میں رہنے کی ضرورت نہیں۔ سرحدوں پر ڈیرے ڈال دو۔ جب جماعت میں صبر اور ایک دوسرے سے بڑھ کر کام کی طاقت پیدا ہو جائے تو پھر اس کے لئے دشمن پر حملہ کرنا اور اس میں کامیاب ہونا آسان اور یقینی ہوتا ہے اس لئے فرمایا ان دو باتوں کے بعد سرحدوں کو مضبوط کر لو اور بجائے اس کے کہ تم پر دشمن حملہ آور ہو تم اُس پر حملہ کرو۔ یہ سب باتیں کرو اور ساتھ ہی اللہ کا تقویٰ اختیار کرو اگر ایسا گرو گے تو ضرور فلاح پائو گے۔
چونکہ کانفرنس کے اجتماع کا یہ پہلا موقع ہے اور اس دفعہ مناسب سمجھا گیا کہ ایک رات کی بجائے زیادہ وقت معاملات پر غور کرنے کے لئے رکھا جائے اِس کے لئے کچھ احباب آگئے ہیں اور کچھ ابھی آئیں گے کل کانفرنس ہو گی۔ میں احباب کو نصیحت کرتا ہوں کہ جہاں تک ہو سکے وہ اختلاف رائے وغیرہ کی صورت میں صبر سے کام لیں اور ایک دوسرے کے ساتھ اچھا سلوک کرنے میں بڑھنے کی کوشش کریں۔
اللہ تعالیٰ ہمیں اِن باتوںپرعمل کرنے کی توفیق دے اور نیک نتائج پیدا کرے۔‘‘
(الفضل ۲۴؍ اپریل ۱۹۱۷ئ)
۱؎ اٰل عمران: ۲۰۱
۲؎ رسالہ الوصیت صفحہ۲۱ روحانی خزائن جلد ۲ صفحہ ۳۱۹ (مفہوماً)
۳؎ رسالہ الوصیت صفحہ۹ روحانی خزائن جلد۲۰ صفحہ۳۰۷
۴؎ ال عمران: ۱۶۰
۵؎ بخاری کتاب الاذان باب بدء الاذان
۶؎ ترمذی کتاب الصلوٰۃ باب ماجاء فی بدء الاذان
۷؎ مسلم کتاب الاشربۃ باب اکرام الضیف (الخ)
۸؎ بخاری کتاب مناقب الانصار باب قول النبی صلی اللّٰہ علیہ وسلم اصبروا حتی تلقونی علی الحوض
۵۶
تمام خوبیاں صرف خداتعالیٰ میں ہیں
(فرمودہ ۲۷؍ اپریل ۱۹۱۷ئ)
تشہد ، تعوذ اور سورۃ فاتحہ کی تلاوت کے بعد فرمایا:۔
’’انسان کا تجربہ اور مشاہدہ جتنا کم ہوتا ہے اُتنا ہی وہ نئی چیزوں کو دیکھ کر ناپسند کرتا یا خوش آئند پا کر اس کے جوش زور سے اُبھرتے ہیں لیکن جتنا اس کا مشاہدہ وسیع ہوتا جاتا ہے اسی قدر اس کا جوش اس کے قابو میں آتا جاتا ہے۔ دیکھو ایک سیاح جو دنیا کے مختلف کونوں میں پھر چکا اور جو مختلف قسم کی اشیاء کو دیکھ چکا ہے جب اُس کی نظر کسی نئی چیز پر پڑے گی تو وہ اپنے جوش کو دبانے پر قادر ہوگا اور کسی نئی چیز کو دیکھ کر خوشی یا ناخوشی کے اظہار کے لئے بے اختیار نہیں ہو جائے گا۔ برخلاف اِس کے ایک بچہ ہے جس کا تجربہ اور مشاہدہ بالکل محدود ہوتا ہے یاایک گاؤںکا رہنے والا، ہل چلانے والا ہے جب وہ کسی نئی چیز کو دیکھتا ہے جو اُسے خوشنما معلوم دیتی ہے تو اُس کی آنکھیں اُس کے پاؤں قابو میں نہیں رہتے خواہ کوئی کیسی ہی ادنیٰ چیز ہو مگر ہو ایسی جو اُس نے پہلے کبھی نہ دیکھی ہو تو وہ بڑی توجہ اور حیرانی سے اُسے دیکھے گا۔ کیوں؟ اس لئے کہ اس کا مشاہدہ بہت محدود اور تنگ دائرہ تک ہوتا ہے۔
غرض مشاہدہ کا کم ہونا اور وسعت نظر کا نہ ہونا ہر ایک نئی چیز کو عجوبہ اور حیرت انگیز بنا دیتا ہے۔ ایک ایسا انسان جسے کبھی کوئی خاص خوشی نہ پہنچی ہو جب خوشی پہنچے تو وہ اس کے اظہار کے لئے بے اختیار ہو جاتا ہے۔ اِسی طرح ایک ایسا شخص کہ جس نے خوشی میں ہی اپنی تمام زندگی بسر کی ہو اُس کو اگر کوئی معمولی سا رنج بھی پہنچ جائے تو وہ برداشت نہیں کر سکتا۔
ایک مثل مشہور ہے خدا بہتر جانتا ہے کہاں تک درست ہے کہتے ہیں ایک عورت تھی اُس کو زیور بنوانے کا کبھی اتفاق نہیں ہوا تھا۔ ایک دفعہ اُس نے انگوٹھی بنوائی تو کسی نے انگوٹھی کی طرف توجہ نہ کی۔ اِس پر اُس نے اپنے گھر کو آگ لگا دی جب گھر جل کر راکھ کا ڈھیر ہو گیا تو عورتیں افسوس کے لئے آتیں اور پوچھتیں کہ کچھ بچا بھی ہے؟ وہ کہتی کہ صرف یہ انگوٹھی بچی ہے اور کچھ نہیں بچا۔ ایک عورت نے کہا بہن! یہ انگوٹھی کب بنوائی ہے؟ تو اس نے چیخ مار کر کہا کہ اگر مجھ سے یہ پہلے پوچھا جاتا تو میرا گھر کیوں جلتا۔ گو یہ ایک قصہ اور کہانی ہے لیکن اس میں شک نہیں کہ جو لوگ کم حوصلہ، کم تجربہ اور کم مشاہدہ رکھتے ہیں اُن کو اگر کوئی خوشی کی خبر پہنچتی ہے یا کوئی ایسی چیز حاصل ہوتی ہے جسے وہ اچھا سمجھتے ہیں تو وہ اس پر اِتراتے ہیں اور پھولے نہیں سماتے۔ گو وہ کیسی ہی حقیر اور ادنیٰ درجہ کی کیوں نہ ہو۔ ایسے لوگ جو حقیر کو معزز، صغیر کو کبیر اور قلیل کو کثیر سمجھ لیتے ہیں اس کی وجہ یہی ہے کہ ان کے حوصلے وسیع نہیں ہوتے۔ اِسی طرح غم اور مصیبت کے متعلق ہوتا ہے۔ بعض لوگ جن کو کبھی غم نہیں پہنچا ہوتا اگر ذرا سی رنجیدہ بات دیکھیں تو گھبرا جاتے ہیں اور ایک کانٹا بھی چبھ جائے تو تلملا اُٹھتے ہیں۔ ایک تو وہ ہوتے ہیں جو خوشی کے اظہار کے لئے گھر بار کو خاک کر دیتے ہیں اور ایک یہ ہوتے ہیں کہ جو کانٹے کے چبھنے جتنی تکلیف پر بھی شور مچاتے ہیں۔ وجہ یہی ہے کہ ان کی نظر وسیع نہیں ہوتی۔ جوں جوں کسی انسان کا تجربہ اور مشاہدہ بڑھتا جاتا ہے اُس کے جوش اس کے قابو میں آتے جاتے ہیں۔ ہرایک رنگ اور ہر ایک طریق میں یہی بات ہے جس کو مختلف تجارب ہوتے جاتے ہیں وہ کبھی کسی بات پر نہیں گھبراتا۔ اور جن لوگوں میں کسی قسم کے تجارب کی کمی ہوتی ہے ان سے اِسی قسم کی کمزوریاں سرزد ہوتی ہیں۔
بعض لوگ تو ایسے ہوتے ہیں جن کو تجارب کا موقع ہی نہیں ملتا لیکن بہت سے ایسے بھی ہوتے ہیں جن کو موقع تو ملتا ہے مگر وہ توجہ نہیں کرتے۔ بسا اوقات ایسا ہوتا ہے کہ ایک شخص کسی مکان کے پاس سے مہینوں نہیں سالوں گزرتا رہتا ہے مگراُسے یہ معلوم نہیں ہوتا کہ اُس مکان کی دیوار میں کتنے روشندان اور کتنی کھڑکیاں ہیں۔ کیوں؟ اس لئے کہ اُس نے باوجود پاس سے گزرنے کے ان کی طرف توجہ ہی نہیں کی ہوتی۔ تو بہت سے لوگ اِردگرد کی چیزوں کی طرف توجہ نہیں کرتے جس سے اُنہیں تجربہ اور مشاہدہ نہیں ہوتا اور یہ ان کی سُستی اور لاپرواہی ہوتی ہے۔ ایسے لوگ باوجود وسیع دنیا میں رہنے کے ایک مختصر اور نہایت ہی محدود دنیا میں رہتے ہیں۔ ان کے حوصلے پست ہوتے ہیں کیونکہ ان کا مشاہدہ وسیع نہیں ہوتا اور جب مشاہدہ وسیع نہیں ہوتا تو گویا ان کے لئے دنیا ہی تنگ ہوتی ہے اس لئے وہ تھوڑی سی خوشی کو زیادہ خوشی سمجھ لیتے ہیں اور ادنیٰ سے رنج پر بہت زیادہ مصیبت کا اظہار کرتے ہیں۔
بچوں کو دیکھو ان کی یہی حالت ہوتی ہے لیکن جوں جوں ان کے تجارب بڑھتے جاتے ہیں اور ان کامشاہدہ وسیع ہوتا جاتا ہے اُسی قدر ان کی حالت کی اصلاح ہوتی جاتی ہے اور وہ زیادہ وقار سیکھ جاتے ہیں۔ مگر تجربہ سے پہلے وہ تھوڑی سی بات پر بھی خوش یا ناخوش ہو جاتے ہیں اور نئی چیز جہاں کہیں نظر آئے یا کوئی نئی بات پیش آئے تو ان کے جوش زور کر کے باہر آتے ہیں۔
تمدنی تعلقات انسان کو تجربہ اور مشاہدہ کرا کے بہت پختہ کر دیتے ہیں ۔ ایسا انسان نہ تو کسی نئی چیز کو دیکھ کر حیرت اور تعجب کا اظہار کرتا ہے اور نہ کسی تکلیف اور مشکل کے وقت جھٹ گھبرا جاتا ہے لیکن جو شخص الگ تھلگ زندگی بسر کرے گا اُس کا تجربہ اور مشاہدہ نہایت محدود رہے گا۔ تمدن انسان کو رنج کا خُوگر اور خوشی میں حد اعتدال سے متجاوز نہ ہونا سکھاتا ہے مگر وہ انسان جس نے اپنی آنکھوں سے کبھی کوئی بات نہ دیکھی ہو وہ بہت جلد گھبرا جائے گا۔ ہر ایک وہ چیز جو کچھ بھی اپنے اندر عجوبہ رکھتی ہو اُس پر بے حد تحیّرظاہر کرے گا۔ ایسا آدمی خاص طور پر کارآمد اور مفید نہیں ثابت ہو سکتا۔ مثلاً کہیں مبلّغ بنا کر بھیجا جائے اور وہ لوگوں کو اپنی طرف متوجہ نہ پائے یا ان میں کوئی اَور کمزوری محسوس کرے یا اپنی تبلیغ کا کوئی فوری اثر نہ دیکھے تو بالکل ہمت ہار بیٹھتا ہے۔ وہ چونکہ لوگوں کو فرشتہ دیکھنا چاہتا ہے اِس لئے اُن کی معمولی معمولی کمزوریوں پر اُس کی حالت دگرگوں ہو جاتی ہے۔ اُس کی حالت ایک ایسے بچہ کی سی ہوتی ہے جو بہت جلد ناراض ہوتا اور رو دیتا ہے یا بہت جلدی خوش ہو جاتا اور ہنس دیتا ہے۔ اور اس کی یہ حالت اس لئے ہوتی ہے کہ وہ کثرت سے موافق و مخالف بات دیکھنے کا عادی نہیں ہوتا مگر جب وہ اس قسم کے بہت سے نظارے دیکھ لیتا ہے تو اُس پر کبھی گھبراہٹ نہیں آتی۔
بعض لوگ حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے پاس آتے اور کہتے کہ ہمارے گاؤں میں فلاں شخص ہے اگر وہ احمدی ہو جائے تو تمام گاؤں کے لوگ احمدی ہو جائیں گے حالانکہ ان کا یہ خیال صحیح نہیں ہوتا کیونکہ اگر وہ مان بھی لے تب بھی بہت سے ایسے ہوتے ہیں جو نہیں مانتے اور تکذیب سے باز نہیں آتے۔ چنانچہ ایک گاؤں میں تین مولوی تھے وہاں کے لوگ کہتے کہ اگر ان میں سے کوئی مرزا صاحب کو مان لے تو ہم سب کے سب مان لیں گے۔ ان میں سے ایک نے بیعت کر لی تو سب لوگوں نے کہہ دیا کہ ایک نے مان لیا تو کیا ہوا اس کی تو عقل ماری گئی ہے ابھی دو نے نہیں مانا۔ پھر ایک اَور نے بیعت کر لی تو پھر مخالفین نے یہی کہا کہ اِن دونوں مولویوں کا کیا ہے ابھی ایک نے تو بیعت نہیں کی ہے۔
ایسے واقعات ہمیشہ ہوتے رہتے ہیں لیکن جن لوگوں کا تجربہ وسیع نہیں ہوتا وہ اِسی دُھن میں لگے رہتے ہیں کہ فلاں شخص مان لے تو سب لوگ مان لیں گے مگر اکثر ایسا نہیں ہوتا۔ پھر بعض دفعہ وہ کسی میں کوئی معمولی نیکی دیکھ لیتے ہیں تو اُس کو چڑھا کر غوث و قطب اور ابدال تک کا درجہ دے دیتے ہیں اور اگر کسی میں ان کو معمولی درجہ کی کوئی کمزوری نظر آتی ہے تو ابوجہل کا خطاب دینے میں ان کو باک نہیں ہوتا۔ کبھی وہ ادنیٰ باتوں کے بڑے عظیم الشان نتائج سمجھ بیٹھتے ہیں اور کبھی بڑی اور عظیم الشان باتوں کے معمولی اور ادنیٰ درجہ کے نتائج خیال کر لیتے ہیں۔ اللہ تعالیٰ نے مسلمانوں کو توجہ دلائی کہ وہ تجربہ کار انسان بنیں۔ چنانچہ فرماتا ہے۔ کہ اگر تم کوئی ایسی کامل ہستی دیکھنا چاہتے ہو جس میں کوئی عیب، کوئی نقص اور کوئی سقم نہ ہو تو وہ صرف اللہ ہی ہے۔ کوئی انسان ایسا نہیں ہو سکتا جس میں کوئی بھی سقم اور کمزوری نہ ہو۔
انبیاء علیہم السلام کا گروہ معصوم ہے مگر بشریت کی کمزوریاں تو ان میں بھی پائی جاتی ہیں اور اجتہادی غلطیاں تو ان کوبھی لگتی ہیں۔ اس میں شک نہیں کہ شرعی گناہوں سے وہ لوگ بالکل پاک ہوتے ہیں اور کوئی شرعی گناہ اُن سے سرزد نہیں ہوتا تا ہم بشری کمزوریاں ان میں بھی ضرور پائی جاتی ہیں۔ وہ بیمار ہوتے ہیں، جسمانی تکلیف اُٹھاتے ہیں۔ پس ہر قسم کے نقائص سے پاک تو صرف اللہ ہی کی ذات ہے۔ ایک انسان دوسرے کی کمزوریوں پر تو اعتراض کرتا ہے لیکن اگر اپنے نفس کو دیکھے تو پھر اس کو خود معلوم ہو جائے گا کہ خود اس میں کس قدر کمزوریاں ہیں۔
اِسی طرح انسان اگر خوبیوں کو دیکھے تو کسی انسان کو کسی نہ کسی خوبی سے خالی نہیں پائے گا ہر ایک انسان میں کچھ نہ کچھ خوبی ضرور ہوتی ہے۔ ابوجہل میں بھی خوبی تھی اور فرعون میں بھی۔ اِس میں کیا شک ہے کہ فرعون ایک محب وطن شخص تھا اور اُس کی خواہش تھی کہ اُس کی قوم اور اس کا مُلک ترقی کرے یہ ایک الگ بات ہے کہ جو طریق اس نے اختیار کیا وہ خطرناک طو رپر غلط تھا جس کا خمیازہ اُسے بھگتنا پڑا۔ اِسی طرح ابوجہل اسلام کا ایک خطرناک دشمن تھا مگر ہم اس سے انکار نہیں کر سکتے کہ وہ ایک بہادر آدمی تھا۔ وہ جو کچھ کرتا تھا صرف اس لئے کرتا تھا کہ اُسے صحیح اور درست سمجھتا تھا۔ چنانچہ اُس نے دعا کی ہے کہ خدایا! اگر محمد (صلی اللہ علیہ وسلم) سچا ہے تو مجھ پر پتھر برسا۔ ۱؎ گویا اُس کو یقین تھا کہ وہ حق پر ہے اور آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کو باطل پر سمجھتا تھا۔ یہ بالکل الگ بات ہے کہ وہ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کا دشمن اور اسلام کا خطرناک دشمن تھا اور جو طریق اُس نے اختیار کیا وہ سرتا پا غلط تھا کیونکہ وہ اپنے خیالات کو سچ سمجھا اور اِس حق کو جو درحقیقت حق تھا سمجھنے کی کوشش نہ کی مگر جس کو اُس نے حق سمجھا اس پر بڑی مضبوطی اور جوش کے ساتھ قائم رہا یہ اس کی خوبی تھی۔ تو اس طرح کوئی بد سے بَدتر انسان بھی ایسا پیش نہیں کیا جا سکتا جس میں کوئی نہ کوئی خوبی نہ ہو۔ باقی رہی بشری کمزوریاں سو وہ تو انبیاء میں بھی ہوتی ہیں۔ آنحضرت ﷺ نے بھی فرمایا ہے کہ اگر تم میں سے دو آدمی جھگڑتے ہوئے میرے پاس آئیں اور میں اپنی سمجھ کے مطابق ایک کا حق دوسرے کو دِلوا دوں تو یاد رکھو کہ اگرچہ جس کا حق نہیں وہ دوسرے کا حق لے گیا ہے تا ہم وہ خدا کے حضور جواب دِہ ہے اور اس کا ٹھکانا جہنم ہے۔۲؎ـ
غرض جو انسان وسیع نظر سے دیکھے اُس کو معمولی معمولی باتوں سے گھبراہٹ نہیں ہوتی اور جو لوگ معمولی معمولی باتوں کو بڑا سمجھ لیتے ہیں وہ کسی عمدہ نتیجہ پر نہیں پہنچ سکتے۔ ان کی صحت خراب ہو جاتی ہے، ہر وقت دکھ اور تکلیف میں رہتے ہیں، ان میں خود پسندی کی مرض پیدا ہو جاتی ہے اور یہ ایسی مرض ہے جو انسان کو بہت نقصان پہنچاتی ہے۔ دوسرے میں عیب دیکھنا اور اپنی ذات کو اعلیٰ سمجھنا اِس سے بڑھ کر کوئی عیب اور نقص نہیں ہے۔
پس ہر انسان کو یاد رکھنا چاہیے کہ تمام خوبیوں والی اور ہر قسم کے عیوب سے منزہ ذات تو صرف اللہ تعالیٰ ہی کی ہے اِس لئے اگر کسی کو کسی بھائی میں کوئی نقص نظر آتا ہے تو وہ اس کو سمجھائے اور اس کے نقص دور کرنے کی کوشش کرے۔ لیکن اگر وہ اس پر گھبرائے گا اور بجائے اس کا نقص دُور کرنے کی کوشش کرنے کے اُلٹا اس کا نام دھرے گا تو اس کا نتیجہ بجز خرابی کے اَور کچھ نہیں ہوگا۔
اگر کوئی توجہ کرے تو کمزوریاں ہوشیار کرنے کا موجب ہو سکتی ہیں۔ بعض لوگ زلازل اور دیگر قسم کے عذابوں پر خداتعالیٰ کی نسبت کہا کرتے ہیں کہ خدا (نَعُوْذُ بِاللّٰہ) ظالم ہے مگر وہ جانتے نہیں کہ یہ ظلم نہیں ہے بلکہ خداتعالیٰ کے اس فعل میں ہزاروں حکمتیں پوشیدہ ہوتی ہیں۔ مثلاً اگر انسان کے سر میں جوئیں نہ پڑتیں تو وہ کبھی سر دھونے کی طرف متوجہ ہی نہ ہوتا اور گندہ ہو جاتا۔ یا مثلاً اگر آنکھوں میں سرخی نہ پیدا ہوجاتی یا اَور کوئی خرابی کی ایذائی علامت ظاہر نہ ہوتی تو انسان علاج کی طرف متوجہ ہی نہ ہوتا اور اندھا ہو جاتا۔ تو سر میں جوؤں کا پڑنا اور آنکھوں میں سرخی کا آنا یہ بطور آگاہی کے ہے جو بڑے نقصان سے بچانے کے لئے ہے۔اسی طرح اگر کسی انسان میں کوئی کمی اور نقص تمہیں نظر آئے تو اصلاح کی فکر کرو۔ یہ نہیں کہ معمولی معمولی باتوں پر اُچھل پڑو اور اسے شکستہ دل بنا کر اَور کمزوریوں کا مرتکب بنائو اِس سے کامیابی حاصل نہیں ہو سکتی۔
ہر ایک انسان کو یہ باور ہونا چاہئے کہ خوبیوں والی ذات تو صرف اللہ ہی کی ہے اور ہر ایک شخص کو یہ بھی خیال کرنا چاہئے کہ جس طرح مجھ میں کچھ خوبیاں ہیں اور کچھ نقص ہیں اسی طرح دوسرے میں بھی کچھ نقص اور خوبیاں ہیں اس کے متعلق یہ ہونا چاہئے کہ اس سے اس کی نیکیاں سیکھی جائیں اور اس کو اپنی نیکیاں سکھائی جائیں۔ پس اس طرح آپس میں ایک دوسرے کی اعانت کرو تمدن کی غرض بھی یہی ہے۔ جو لوگ اِس بات کو نہیں سمجھ سکتے نہ وہ خود کامیابی حاصل کر سکتے ہیں اور نہ کسی دوسرے کے لئے مفید ہو سکتے ہیں۔
پس ضرورت ہے کہ ہماری جماعت کا تمدن اعلیٰ ہو۔ ایک کی مدد دوسرا کرے۔ یہ نہیں کہ معمولی معمولی باتوں پر بُرا بھلا کہنا شروع کر دیا جائے جس سے قوم کے افراد کے اندر خرابی پیدا ہو۔نقصوں سے پاک تو صرف اللہ ہی کی ذات ہے مگر نہ ماننے والے تو خدا کو بھی نہیں مانتے اور اس میں بھی نقص نکالتے ہیں۔
پس اصلاح کا طریق یہ ہے کہ معمولی غلطیوں کونظر انداز کیا جائے اور نیک نیتی سے ان کے دور کرنے کی کوشش کی جائے۔
اللہ تعالیٰ ہماری جماعت کو وہ ذریعہ بتائے جو بہتر سے بہتر اور کامیابی کے لئے یقینی ہو۔
(الفضل ۱۲؍ مئی ۱۹۱۷ئ)
۱؎ بخاری کتاب التفسیر، تفسیر سورۃ الانفال باب قولہ واذقالوا اللّٰھم (الخ)
۲؎ بخاری کتاب الاحکام باب موعظۃ الامام للخصوم
۵۷
آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی شان
(فرمودہ ۴؍ مئی ۱۹۱۷ئ)
تشہد،تعوذ اور سورۃ فاتحہ کی تلاوت کے بعد حضور نے درج ذیل آیات تلاوت کیں:۔
۱؎
بعد ازاں فرمایا:۔
’’یوں تو اللہ تعالیٰ کے احسانوں ، فضلوں اور انعاموں کی گنتی نہیں۔ انسان کے جسم کا کونسا حصہ ہے جو اللہ تعالیٰ کے احسان کے نیچے دبا ہوا نہیں لیکن اس کے انعامات میں سے رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کا وجود ایک بہت بڑا انعام ہے۔ بہت سے لوگ ہیں جنہوں نے رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کو پہنچانا نہیں اور اکثر ہیں جنہوں نے سمجھا نہیں۔ جو آپ کے دشمن ہیں وہ اگر آپؐ کی شانِ ارفع میں کچھ گستاخی کرتے ہیں تو وہ ایک حد تک معذور کہے جا سکتے ہیں۔ لیکن افسوس ماننے کا دعویٰ کرنے والوں پر ہے کہ وہ آپؐ کے مرتبہ کو نہیں سمجھتے اور ایسی باتیں کرتے ہیں جو آپؐ کی مزیل شان ہوتی ہیں۔
بہت سے ایسے لوگ جنہوں نے آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کے مرتبہ کو نہیںسمجھا وہ نہ سمجھنے کی وجہ سے بہت دور جا پڑے ہیں حالانکہ خدا تعالیٰ نے آپ کو وہ شان عطا فرمائی ہے کہ مسلمان جس قدر بھی آپؐ کی تعریف کرتے ہیں کم تھی۔
ہر ایک قوم اپنے بڑوں کو بڑا بناتی ہے۔ عیسائی حضرت مسیح کو، ہندو کرشن اور رامچندر کو خدا بنا رہے ہیں اِسی طرح دیگر مذاہب کے لوگوں کو اگر دیکھا جائے تو معلوم ہو گا کہ انہوں نے بھی اپنے بڑوں کو اتنا بڑا درجہ دیا کہ خدائی تک دے دی۔ ان کا یہ فعل بُرا ہے اور اس میں شک نہیں کہ وہ غلطی پر ہیں کیونکہ وہ شرک کے مرتکب ہوئے ہیں۔ لیکن ہمیں اس جماعت پر تعجب آتا ہے جس نے ایسا پیشوا پایا جو سب سے بڑا ہے مگر اس نے اپنے محسن کو اس کے اصل درجہ سے بھی گھٹانا شروع کر دیا۔ بہت سے مسائل ایسے ہیں کہ اگر رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی حقیقی عظمت کو سمجھتے توغلطی میں نہ پڑتے۔
مجھے حضرت خلیفہ اوّل کے وقت میں بار بار لیکچروں کے لئے باہر جانے کا اتفاق ہوا۔ میں نے سننے والے لوگوں کو اکثر یہی بتایا کہ ہمارے تمہارے اختلاف کا تصفیہ ایک آسان طریق سے اِس طرح ہو سکتا ہے کہ دیکھا جائے کہ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی عزت اور عظمت ہمارے اعتقادات کے رو سے ثابت ہو تی ہے یا کہ تمہارے اعتقادات سے۔ا گر آپ کی عظمت اور عزت کا خیال رکھا جائے تو سب اختلاف مٹ جاتے ہیں۔
حیات و وفات مسیح کے مسئلہ میں دیکھنا چاہئے کہ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی عزت اور عظمت کس میں ہے؟ آیا اس میں آپؐ کی عظمت ہے کہ جب آپؐ کی اُمت بگڑ جائے تو اس کی اصلاح کے لئے ایک اَور شخص کو لایا جائے جو براہ راست آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم سے کوئی تعلق نہیں رکھتا، اس کے نبوت ورسالت پانے میں آپؐ کا کوئی تعلق نہیں؟ یا اس میں آپؐ کی عزت ہے کہ جب آپؐ کی امت بگڑے تو آپ ہی کے غلاموں میں سے کوئی شخص اصلاح کے لئے کھڑا کر دیا جائے؟ پھر کیا آپؐ کی اس میں عزت ہے کہ آپؐ کے آنے سے وہ فیضانِ نبوت جو آدم کے وقت سے آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم تک ابنائِ آدم کو مل رہا تھا بندہو گیا اور آپ نَعُوْذُ بِاللّٰہِ اس فیض کے دریا میں روک ہو گئے اور آپ کی اُمت اس سے محروم کر دی گئی یا اس میں کہ آپؐ کی کامل اتباع اور پوری فرمانبرداری سے یہ رُتبہ حاصل ہو سکتا ہے۔
ان تمام مسائل میں جو ہم میں اور غیرا حمدیوں میں اختلافی ہیںا گر یہ دیکھا جائے کہ کن مسائل کو تسلیم کرنے سے آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی عزت ہوتی ہے اور کن سے ہتک تو معلوم ہو جائے گا کہ حق پر کون ہے۔
غرض آپؐ کے درجہ کے نہ سمجھنے سے بڑا اختلاف پڑ گیا ہے اور اکثر لوگوں نے ٹھوکر کھائی ہے۔ا گر ان کو آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کے محاسن معلوم ہوتے تو ضرور تھا کہ محبت پیدا ہوتی کیونکہ ہمیشہ محبت اور عشق خوبیوں کو دیکھنے سے ہی پیدا ہوتا ہے اور یہ ہرگز نہیں ہوتا کہ کسی شخص کی نہ کوئی خوبی معلوم ہو اور نہ اس کے محاسن اور پھر انسان اس سے محبت کرے یا اس سے عشق پیدا ہو۔
مولوی محمد قاسم صاحب نانوتوی نے بیان کیا ہے کہ بے رؤیت کبھی عشق پیدا نہیں ہوسکتا اور دیکھنا صرف آنکھوں سے ہی نہیں ہوتا بلکہ علم سے بھی دیکھا جا سکتا ہے۔ مثلاً انسان کسی ایسے بہادر آدمی کا قصہ پڑھتا ہے جس کو گزرے سینکڑوں برس ہو جاتے ہیں مگر پڑھنے والے کے دل میں اُس کے حالات پڑھ کر خاص کیفیات پیدا ہو جاتی ہیں۔ اِسی طرح آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی زندگی کے پاک حالات کو دیکھا جائے۔ آپ کا اُٹھنا، بیٹھنا، چلنا، پھرنا، کھانا، پینا، جاگنا، سونا، لباس اور طرزِ ماند وبود، میل و ملاقات کو آنکھوں کے سامنے لایا جائے۔جب یہ باتیں صحیح طورپر معلوم ہو جائیں گی تو یقینا آپ سے ایک محبت اور عشق پیدا ہو جائے گا۔ یہ رؤیت علم کے ذریعہ ہو گی۔
پس اگر رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے حالات سے لوگ واقف ہوتے تو آپ کی ہتک پر تیار نہ ہوجاتے اور خدا سے دُور نہ جا پڑتے۔ اگر اِن باتوں کومدنظر رکھ کر تحقیقاتِ مسائل ہو تو پھر کبھی کوئی جھگڑا پیدا نہیں ہو سکتا۔
آپ کی محبت اور آپ سے عشق خدا کی محبت اور خدا کے عشق کا موجب ہے جیسا کہ فرمایا ۲؎ اگر تم اِس انسان کی اتباع کرو گے اور اس کے ساتھ محبت رکھو گے تو خدا تم سے محبت اور پیار کرے گا تو آپ کی محبت خدا کی محبت ہے۔
اِس سے پتہ لگتا ہے کہ آپ کے حالات کا معلوم ہونا کیسا ضروری ہے۔ میں نے جو آیات پڑھی ہیں ان میں آپ کے کمالات کا کچھ حصہ بیان کیا گیا ہے۔ حضرت عائشہ صدیقہ ؓ فرماتی ہیں۔ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کا خلق اگر دیکھنا ہوتو قرآن کریم کو دیکھو۔۳؎ جس وقت آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم مبعوث ہوئے دنیا کی حالت بدترین تھی، بحروبر میں خرابی پھیلی ہو ئی تھی، دنیا کی کوئی بُرائی ایسی نہ تھی جو نہ پائی جاتی تھی۔ اگرچہ انسان گردو پیش کے حالات سے بہت متأثر ہوتا ہے اور جس قسم کا نمونہ اپنے سامنے دیکھتا ہے اُسی طرح خود بھی کرنے لگتا ہے لیکن باوجود اِس کے کہ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کے رو برو بدترین نمونہ موجود تھا، تمام عرب بُرائیوں اور بدکاریوں سے بھرا ہو ا تھا، اُس وقت کے عیسائیوں کی حالت خود عیسائی مؤرخ لکھتے ہیں کہ نہایت خراب ہو چکی تھی، زرتشتی بگڑے ہوئے تھے، ہندوستان میں اصنام پرستی اور عناصر پرستی کا زور تھا، اِس تاریکی کے زمانہ میں آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم جیسے انسان کا پیدا ہونا کیا کوئی معمولی بات ہے؟ فرمایا لوگو ذرا سوچو توسہی کہ یہ رسول تمہارے پاس تم میں سے آیا ہے، تم میں ہی پید اہوا ، تم میں ہی رہا، تم میں ہی اِس نے دن رات گزارے مگر دیکھو تمہاری صحبت میں رہ کر تم سے متأثر نہ ہوا۔ اِس کے اعلیٰ اخلاق کو دیکھو۔ اِس کے پاس نمونہ تو تم تھے اس لئے چاہئے تو یہ تھا کہ یہ تمہارے ایسا ہوتا مگر اس نے اخلاق میں اس قدر ترقی کی کہ خدا نے اس کو رسول بنا کر تمہارے پاس بھیج دیا۔
واقعہ میں رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے حالات پڑھ کر حیرت آتی ہے۔کیسی ہمت اور کیسا استقلال تھا آپ کا کہ آپ ان میں رہ کران سے الگ رہے۔ گو بظاہر اس آیت سے آپ کی کوئی فضلیت نہیں معلوم ہوتی کہ اے لوگو! تم میں سے تمہارے پا س رسول بھیجا کوئی غیر نہیں بھیجا گویا اُس قوم کو بتایا گیا کہ تو بڑی خوش قسمت ہے جس میں سے خدا کا نبی آیا لیکن اگر غور سے دیکھا جائے تو معلوم ہو جاتا ہے کہ اِسی آیت میںخدا تعالیٰ نے الفاظ کے لحاظ سے مجمل مگر معافی کے لحاظ سے مفصل آپ کی زندگی کے تمام پہلوئوں کو بیان کر دیا ہے۔ مشرکین کو کہا گیا ہے کہ تم اپنی کسی بات کو پیش کرو اِس کا عمل اس کے خلاف ہی ہو گا۔ تم مشرک ہو مگر یہ پکا مؤحد ہے، تمہارے اخلاق میں رذالت ہے مگر اس کے اخلاق نہایت اعلیٰ درجہ کے ہیں ۔ تم ظالم ہو مگر یہ رحیم ہے حالانکہ یہ بھی تم میں پیدا ہوا، تم میں ہی رہا،تمہارے پاس ہی عمر گزاری، باوجود اس کے جب اس میں ایسی اعلیٰ درجہ کی باتیں پائی جاتی ہیں تو اس کی عظمت اور بڑائی کا اندازہ کرو۔
پھر فرمایا پہلے آپ کی عظمت بیان کی اِس کے بعد آپ کے رسول ہونے کا ذکر کیا۔ پھر فرمایا۔ اِس پر شاق گزرتا ہے، اس پر ایسا بوجھل ہوتا ہے کہ جس سے کمر ٹوٹ جائے (وہ امر جس کی برداشت نہ ہو اس کو امرِ عزیز کہتے ہیں) جب تم پر کوئی مشکل اور مصیبت آئے تو یہ تکلیف میں پڑ جاتاہے۔ مگر ہر تکلیف کے وقت نہیں بلکہ اُسی وقت جبکہ دیکھتا ہے کہ تم پر ایسی مصیبت آئی ہے جو مافوق ہے۔ وہ استاد جو جانتا ہے کہ لڑکے کی اصلاح کس طرح ہوتی ہے وہ کسی وقت اُس کو سزا بھی دیتا ہے مگر اُس کا سزا دینا اُس کی اصلاح کو مدنظر رکھ کر ہوتا ہے۔ وہ جانتا ہے کہ اُس وقت اُس کو سزا دینی چاہئے یا نہیں؟ ماں باپ کو اس میں دخل دینے کی ضرورت نہیں ہوتی۔ لیکن اگر ماںباپ دیکھیں کہ استاد کی سزا لڑکے کی طاقت سے بڑھ کر ہے اور ایسی ہے کہ وہ بجائے اصلاح کے بچہ کا خاتمہ کر دے گی تو بے شک ماں باپ دخل دیں۔ لیکن جو والدین استاد کی ہر ایک سزا میں دخل دیتے ہیں اور واجبی سزا سے بھی گھبراتے ہیں وہ گویا اپنی اولاد کو آپ خراب کرتے ہیں۔ پس نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی یہی حالت ہے کہ اگر کوئی ایسی بات ان لوگوں پر آتی ہے کہ جس سے وہ برباد ہونے لگتے تو آپ پر یہ بات شاق گزرتی مگر واجبی تکالیف سے جو ان کی اصلاح کے لئے ہوتیں آپ نہ گھبراتے تھے۔
عنت۔ اُس مصیبت کو کہتے ہیں جس سے انسان ہلاک ہو جائے۔ تو آپ کو گھبراہٹ ایسی ہی بات پر ہوتی تھی جس سے وہ لوگ ہلاک ہوتے نظر آتے تھے ورنہ جہاد کی ترغیب تو آپ خود دلاتے تھے کیونکہ وہ ان لوگوں کی ترقیات کے لئے ضروری تھا۔لیکن اس میںکیا شک ہے کہ جہاد میں تکالیف ہوتی ہیں۔ اگر آپ پر لوگوں کی ہر تکلیف شاق گزرتی تو گویا آپؐ مسلمانوں کو ترقیوں سے روکتے۔ جیسا کہ ناجائز محبت کے مرتکب ماں باپ اپنی اولاد کو تھوڑی سی تکلیف میں بھی نہیں دیکھ سکتے اور اس طرح انکی زندگی کو تباہ کر دیتے ہیں۔ بلکہ ان مصائب کو دیکھ کر آپ کو شاق گزرتا تھا جو لوگوں کی بربادی اور ہلاکت کا موجب ہوتی تھی۔ پس آپ ایسی تکالیف پر نہیں گھبراتے تھے جو قوم کی ترقی و فلاح کا موجب ہوں۔
عنت۔ لغت میں ایسی تکلیفوں اور مشقتوں کو کہتے ہیں جن کے نیچے دَب کر انسان ہلاک ہو جائے۔ کیا ہی بے نظیر آپ کے اخلاق تھے۔ آپ کو تڑپ تھی اور آپ کو دکھ ہوتا تھا ان کے ایسے مصائب سے جن سے وہ ہلاک ہونے لگتے۔
صحابہ میں بعض لوگوں نے دین کے لئے بڑی بڑی مشقتیں کرنی شروع کیں جن سے آپ نے ان کو روک دیا مگر یہ نہیں کیا کہ سردی کے موسم میں صبح کے وقت مسجد میں نہ آئو کہ تمہیں تکلیف ہو گی اور گھر پر ہی نماز پڑھ لیا کرو یا یہ کہ دشمنوں سے لڑنے کے لئے نہ جائو کہ تمہاری جانیں ضائع ہوں گی اور دشمن کے نیزے اور خنجر تمہیں زخمی کریں گے۔ اِس کے لئے تو آپ حرص دلاتے تھے۔ ہاں جو باتیں ان کے لئے ہلاکت کا موجب ہو سکتی تھیں ان سے آپؐ کو تکلیف ہوتی تھی اور ان سے منع بھی فرماتے تھے۔
پھر فرمایا۔۔ ایک تو اِس کی یہ حالت ہے کہ کسی کی ایسی مصیبت نہیں دیکھ سکتا جس میں وہ ہلاک ہوتا ہو۔ دوسرے یہ کہ جب کسی کو مصیبت میں دیکھتا ہے تو اس کی نجات کے لئے دَوڑتا ہے۔ دوسرے معنی یہ کہ سب کو جمع کرنا چاہتا ہے۔ اس کی خواہش ہے کہ سب دنیا اس کے پاس آجائے تا وہ دکھوں اور مصیبتوں سے نجات پا جائے۔ جس طرح انسان مال کو اس لئے جمع کرتا ہے کہ محفوظ ہوجائے اِسی طرح آپؐ یہی چاہتے کہ لوگ جن کے لئے الگ الگ رہنے میں ہلاکت ہے آپ کے پاس آجائیں تا ہلاکت سے بچ جائیں۔ تو فرمایا کہ یہ مومنوں کو جمع کرتا اور خدا کی محبت پیدا کرنے کے طریقے سکھاتا ہے۔
پھر فرمایا۔ کہ جب یہ لوگوں کو جمع کر لیتا ہے تو ان سے رأفت اور رحمت کا سلوک کرتا ہے۔ کا نتیجہ تو یہ ہے کہ مومن پیدا ہوں۔ جب مومن پیدا ہو گئے تو اَب یہ بتانا تھا کہ ان کے ساتھ کیسا سلوک کرنا ہے اس لئے فرمایا۔ وہ لوگ جو اس کے پاس آجاتے ہیں ان سے نہایت ہی شفقت، رأفت، محبت، رحم وکرم کا سلوک کرتا ہے۔
بعض لوگ تو جمع کرنے تک اچھا سلوک کرتے ہیں۔ جب ان کے قبضہ میں لوگ آجاتے ہیں تو پھر ان کی کچھ پرواہ نہیں کرتے۔لیکن آپ کے متعلق خدا تعالیٰ فرماتا ہے کہ آپ نہایت ہی شفقت سے پیش آتے ہیں اور آپ ان کی ضروریات کو پورا کرتے ہیں۔یہ ایک کرشمہ ہے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے ان اعلیٰ اخلاق اور اعلیٰ محاسن کا جو قرآن شریف میں بیسیوں جگہ ذکر ہوئے ہیں۔
پس غور کرو کیسا ہے وہ انسان اور کتنا بڑا ہے ا س کا رُتبہ جولوگ اس کی طرف توجہ نہیں کرتے ان پر کس قدر افسوس ہے۔ دیکھو آج ہمیں مسیح موعودعلیہ السلام ملا تو اس کے طفیل ، حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی بعثت اِسی کی دعائوں کا نتیجہ ہے۔ آپؐ کی اُمت بگڑ چکی ہے اور ضرورت تھی کہ آپ کا کوئی خادم اُٹھے اور آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی روحانیت اس میں کام کرے اس لئے حضرت مسیح موعود علیہ السلام آنحضرتﷺکی روحانیت سے مبعوث ہوئے۔
پھر اللہ تعالیٰ فرماتا ہے۔ا گر باوجود اِن تمام خوبیوں کے لوگ توجہ نہ کریں تو کہہ دو مجھے تو تمہاری کوئی پرواہ نہیں خواہ تم سب کے سب پرے ہٹ جائو۔ میں تو موحدہوںاور ایک زندہ خدا کا ماننے والا ہوں۔ اُسی نے مجھے یہ رُتبہ دیا ہے اور وہی میرے درجہ کو ظاہر کر ے گا۔ چنانچہ اب جبکہ مسلمانوں نے اپنے ایسے عقائد بنا لئے جن سے آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی ہتک ہوتی ہے اور آپؐ کو بالکل چھوڑ دیا تو خدا تعالیٰ نے آسمان سے ایک ایسا مرسل بھیجا جس نے آ کر آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی اصل شان لوگوں کے سامنے رکھ دی۔ اب اگر کوئی مقابلہ کرے گا تو اِس کا نقصان نہیں ہوگا بلکہ اُسی کا نقصان ہو گا جو مقابلہ پر آئے گا۔
فرمایا کہ اگر یہ لوگ تجھ سے پھریں تو کہہ دو کہ میرا سوائے اللہ کے کسی پر بھروسہ نہیں۔ وہی ربِّ عرشِ عظیم ہے، وہ میری صداقت کے پھیلانے کا سامان پیدا کر دے گا۔ چنانچہ جب مسلمانوں نے اِس عرشِ عظیم پر توکل کرنے والے کی ہتک کی تو خدا نے ایک مرسل کو بھیجا جو اس کی عظمت وشان کو دنیا پر ظاہرکرے۔ اب خدا اپنی فوجوں سے اس کی مدد کرے گا اور دنیا نے اگر قبول نہیں کیا تو خدا اسے قبول کرے گا اور بڑے زور آور حملوں سے اس کی سچائی ظاہر کر دے گا۔
اللہ تعالیٰ ہمارے تمام دوستوں اور تمام ان لوگوں کو جو آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی محبت کا دَم بھرتے ہیں اِس بات کی سمجھ اور معرفت دے کہ وہ اِس عظیم الشان انسان کو پہچانیں اور جانیں کہ محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا درجہ کیا تھا اور مخالفین کی آنکھیں کھلیں کہ وہ کس درجہ کا انسان تھا جو خدا نے دنیا میں بھیجا تھا۔ (الفضل ۱۵؍۱۹ ؍مئی ۱۹۱۷ئ)
۱؎ التوبۃ: ۱۲۸،۱۲۹ ۲؎ اٰل عمران: ۳۲
۳؎ مسند احمد بن حنبل جلد۶ صفحہ۹۱ مطبع میمنہ مصر ۱۳۱۳ھ
۵۸
ایسا کوئی رسول نہیں آیا جس سے استہزا ء نہ کیا گیا ہو
(فرمودہ ۱۱؍مئی ۱۹۱۷ئ)
تشہد ،تعوذ اور سورۃ فاتحہ کی تلاوت کے بعد حضور نے درج ذیل آیت تلاوت کی:۔
۱؎
پھر فرمایا ۔
’’بظاہر تو شاید کسی کو یہ بات بے جوڑ معلوم ہو کہ میں نے سورۃ فاتحہ کے ساتھ کہ جس کی ابتداء کے بعد سے ہوتی ہے اور جو مومنوں سے بڑے بڑے عظیم الشان وعدے کرتی ہے د وسری ایسی آیت پڑھی ہے جس میں ایسے مضامین بیان کئے گئے ہیں جو درد پیدا کرنے والے اور دکھ کا اظہار کرنے والے ہیں۔
سورۃ فاتحہ تو اِس طرح شروع ہوتی ہے خدا کا شکر ہے جو ایسا خدا ہے اور جس کی یہ تعریفیں ہیں اور دوسری آیت میں یہ مضمون ہے کہ افسوس بندوں پر کہ اُن کے پاس کوئی ایسا رسول نہیں آیا جس کو اُنہوں نے ہنسی اور ٹھٹھے میں نہ اُڑایا ہو۔ بظاہر تو اِن آیات میں کوئی تعلق نہیں معلوم ہوتا لیکن میرے نزدیک بہت بڑا تعلق ہے۔
خوشیاں کئی قسم کی ہوتی ہیں اور ہر ایک قسم کی خوشی کا احساس مختلف طریقوں سے ہوتا ہے۔ جب کوئی رنج کی بات ہو تو اس کے مقابلہ میں ایک خوشی بھی ہوتی ہے اور ایسی خوشی کی قدر بہت زیادہ ہوتی ہے۔ مثلاً ایک ایسا شخص ہو جس نے کبھی اندھانہ دیکھا ہو تو اس کو آنکھوں کی قدر نہ ہو گی جیسی اُس شخص کو ہو گی جس نے اندھے کو ٹھوکریں کھاتے اور تکلیف اُٹھاتے دیکھا ہو گا۔ اسی طرح جس نے لنگڑا نہ دیکھا ہو اُس کو ٹانگوں کی ایسی قدر نہیں ہو گی جیسی اُس شخص کو ہو گی جس نے لولے لنگڑوں کو دکھ اُٹھاتے دیکھا ہو گا۔ اِسی طرح جس شخص نے کوئی پاگل نہ دیکھا ہو اُس کو ہوش و حواس کی ایسی قدر نہ ہو گی جیسی اُس کو ہو گی جس نے کسی پاگل کی دردناک حالت دیکھی ہوگی۔ اسی طرح جس نے جاہل کو نہ دیکھا ہو گا اُس کو علم کی قدر نہ ہو گی۔ جس شخص نے کبھی تاریکی اور ظلمت کو نہ دیکھا ہو اُس کو روشنی کی قدر نہ ہو گی۔ لیکن جب انسان لنگڑے کو دیکھتا ہے تو اس کو اپنی ٹانگوں کی قدر معلوم ہوتی ہے اور جب انسان اندھے کو دیکھتا ہے تو اپنی آنکھوں کی قیمت معلوم ہوتی ہے، جب تاریکی کو دیکھتا ہے تو روشنی اور نور کی قدر معلوم ہوتی ہے۔
اِسی طرح وہ جماعت جس کو خدا تعالیٰ نے ایک نبی کی معرفت دی ہو وہ جب ایک طرف دیکھتی ہے کہ خدا نے اسے ایک نبی کی معرفت کی توفیق دی ہے اور دوسری طرف اسے یہ دکھائی دیتا ہے کہ دنیا میں ایسے لوگ بھی موجود ہیں جن کو یہ توفیق حاصل نہیں ہوئی اور وہ اس نعمت سے محروم پڑے ہیں تو اُس وقت اُسے حقیقی خوشی کا احساس ہونے پر جہاں اُس کے منہ سے بے اختیار کاکلمہ نکلتا ہے وہاں محروم رہنے والے لوگوں کو دیکھ کر حسرت و افسوس کے کلمات بھی نکلتے ہیں کہ افسوس یہ قوم نبی وقت کی شناخت سے محروم رہی جاتی ہے۔
پس میں نے جو سورہ فاتحہ پڑھی ہے اِس کا یہ مطلب ہے کہ اللہ تعالیٰ نے ہم پر بڑا احسان کیا ہے کہ ہمیں اپنے نبی کی معرفت کی توفیق دی ہے۔لیکن جب ان لوگوں کی طرف نظر جاتی ہے جو اِس نبی پر ہنسی کر رہے ہیں تو زبان سے یہ حسرت بھر اکلمہ نکلتا ہے کہ افسوس بندوں پر کہ ان کے پاس کوئی ایسا نبی نہ آیا جس پر اِنہوں نے ہنسی نہ کی ہو۔
اللہ تعالیٰ فرما تا ہے حسرت کہتے ہیں کسی کھوئی ہوئی چیز پر جو رنج پیدا ہوتا ہے۔ لیکن انسانوں اور خدا کی حسرت میں فرق ہے۔ا نسانوں کی حسرت تو یہ ہے کہ جب ان کی کوئی چیز کھوئی جاتی ہے تو وہ اس پر رنج کے ساتھ افسوس کا اظہار کرتے ہیں کیونکہ ان کا نقصان ہو گیا ہوتا ہے مگر خدا تعالیٰ کے حسرت کرنے پر یہ معنی نہیں کہ نبی کے ساتھ استہزاء کرنے سے اس کا کچھ نقصان ہو گیا ہے۔ جس پر خدا تعالیٰ افسوس کررہا ہے بلکہ خدا تعالیٰ کا حسرت کا اظہار کرنا محبت کی علامت ہوتی ہے کہ افسوس! یہ بندے اپنی اصلاح کر کے ہلاکت سے بچ سکتے تھے مگر باوجود اس کے کہ ہم نے ان کو اصلاح کرنے کے ذریعہ بتائے لیکن انہوں نے بجائے ان کی قدر کرنے کے اُلٹا ان سے ہنسی مذاق اور استہزاء شروع کر دیا۔ اگرایسا نہ کرتے تو اس میں ان کا ہی فائدہ تھا۔ پس یہ حسرت خدا تعالیٰ کے کسی نقصان پر دلالت نہیں کرتی بلکہ اُس محبت کا اظہار کرتی ہے جو اُسے اپنے بندوں سے ہے۔
اللہ تعالیٰ فرماتا ہے۔ افسوس ہے بندوں پر کہ ہم نے ان کے پاس کوئی نبی اور رسول نہ بھیجا جس کے ساتھ انہوں نے ہنسی اور مذاق نہ کیا۔ ہمیشہ بندوں کا طریق یہی رہا۔ تمام خدا کے رسولوں میں سے کوئی ایک بھی مثال پیش نہیں کی جا سکتی جس پر ان لوگوں نے ہنسی نہ کی ہو، اس کی ہر ایک بات کو حقیر نہ جانا ہو۔ا س کی تعلیم پر انہوں نے ہنسی کی، اس کی پیشگوئیوں پر انہوں نے اعتراض کئے، اس کی جماعت کو حقیر اور ذلیل انہوں نے بتایا کہ یہ مٹھی بھر لوگ ہیں تمام دنیا کے مقابلہ میں کیا کریں گے، اس نے جو دین کی خدمات کیں وہ ان کی نظر میں نہ جچیں ان کو حقیر بتایا اور کہا کہ اس نے دین کی کوئی بڑی خدمت نہیں کی ہے اس سے بڑھ کر تو فلاں فلاں نے کی ہے۔ اس کی پیشگوئیوں کے متعلق کہا کہ اس طرح تو جوتشی بھی کر لیتا ہے۔ غرض اسے اور اس کی ہر ایک بات کو حقیر جانا ،ا س کے اخلاق و عادات پر اعتراض کئے گئے، اس کی خوبیاں بھی انہیں بُرائیاں نظر آئیں اور جو بات بھی اس نے پیش کی اسی پر انہوں نے سر ہلا کرکہہ دیا کہ کچھ نہیں۔ تو ایک نبی ایسا نہیں جس سے انہوں نے ایسا سلوک نہ کیا ہو۔ حتیٰ کہ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم جو اگلے اور پچھلے سب نبیوں سے افضل اور سب کے سردار تھے جن کی خوبیوں کا انسان نہ آپ سے پہلے کوئی پیدا ہوا نہ آئندہ ہو گا اس عظیم الشان انسان کو بھی حقیر سمجھا گیا اور اس پر بھی استہزاء کیا گیا۔
پس جبکہ استہزاء سب انبیاء کے ساتھ ہوا توضرور تھا کہ اب جو رسول آیا ہے اس کے ساتھ بھی ہنسی اور استہزاء سے پیش آیا جاتا۔ اور اگر اس سے استہزاء نہ کیا جاتا تو گویا وہ رسول نہ ہوتا۔ اگر کوئی نبی ہو کر آئے اور لوگ اس سے ہنسی اور استہزاء نہ کریں تو وہ نبی نہیں ہو سکتا۔ کیونکہ خدا تعالیٰ نے نبیوں کی علامات میں سے ایک بڑی علامت یہ بھی مقرر کی ہے اور یہ ایسی علامت ہے جس میں کسی ایک نبی کابھی استثناء نہیں ہے۔
بعض لوگوں کو اِس نبی کی شناخت اِسی طرح ہوئی او ران کے حق قبول کرنے کا ذریعہ ہی یہ بات ہوئی ہے۔ ایک شخص نے مجھے بتایا کہ وہ بالکل کچھ پڑھنا لکھنا نہیں جانتا۔ اس کے پاس کسی شخص نے ذکر کیا کہ پنجاب میں ایک شخص نے دعویٰ کیاہے کہ میں مسیح موعود ہوں۔ تمام مولوی اُس کی تکفیر کر رہے ہیں اور ہر طرف سے اُس پر *** و ملامت ہور ہی ہے مگر وہ اپنے دعویٰ سے ذرا نہیں ہٹتا۔ یہ کہنے سے اس کی غرض استہزاء تھی کہ باوجود مولویوں کے اِس قدر ہنسی کرنے کے پھر بھی وہ ایسا آدمی ہے کہ وہ اپنے دعویٰ سے باز نہیں آتا۔لیکن اس شخص نے کہا کہ میں نے ایک دفعہ وعظ میں ایک مولوی سے اسی آیت پر وعظ سنا تھا کہ قرآن میں اس طرح بیان ہوا ہے کہ کوئی ایک بھی نبی ایسا نہیں جس سے استہزاء نہیں کی گئی۔ یہ بات میرے دل میں بیٹھی ہوئی تھی۔ میں نے اُس شخص سے یہ سنتے ہی کہہ دیا کہ وہ سچا ہے۔ اس نے پوچھا کیوں؟ میں نے جواب دیا اس لئے کہ قرآن میںلکھا ہے کہ کوئی رسول نہیں آیا جس سے لوگوں نے ہنسی نہ کی ہو۔ تو اس طرح اس کے لئے یہ بات ہدایت کا موجب ہوئی۔
لیکن بہت سے لوگ ایسے ہوتے ہیں جن کی عقلیں ماری جاتی ہیں اور وہ نبی سے ہنسی اور استہزاء سے پیش آتے ہیں۔ دنیاوی لحاظ سے سید احمد خاںبڑا آدمی تھا، بڑا سنجیدہ اور بڑا مہذب ہی نہیں بلکہ دوسروں کو تہذیب سکھلانے کا مدعی تھا اور اپنے کام میں بڑا مستقل تھا۔ مولویوں کے فتووں سے ہرگز نہیں ڈرا جو کام اس نے شروع کیا تھا اُس میں لگا ہی رہا۔ اُس نے مولویوں اور سجادہ نشینوںکے خلاف بہت سے مضامین ان کی غلطیوں اور بد اخلاقیوں کے ظاہر کرنے کے لئے لکھے لیکن اس نے بھی حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے معاملہ میں اپنے تمام اعلیٰ اور سنجیدہ اخلاق کو چھوڑ دیا۔ چنانچہ جب حضرت مسیح موعود علیہ السلام علی گڑھ تشریف لے گئے تو اس سے کسی نے کہا کہ آپ حضرت مرزا صاحب سے ملیں ۔ اُس نے کہا یوں ملنے کا کیا فائد ہ ہے۔ ملنے کا تو مزا تب ہے کہ مرزا صاحب پیربنیں اور میں مرید اور پھر روپیہ جمع کریں جس میں سے دو حصہ وہ خود لے لیں اور ایک حصہ مجھے کالج کے لئے دے دیں۔
دیکھو وہ بڑ ے اعلیٰ اخلاق اور دوسروں کے اخلاق کی اصلاح کرنے کا مدعی تھا مگر جب حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے مقابلہ میں آتا ہے تو ہنسی سے ہی کام لیتا ہے۔ حضرت صاحب سے ہنسی کرنے کی خدا تعالیٰ نے جو سزا اُسے دی تو وہ دی ہی مگر اُس کا یہ فعل ثبوت تھا اِس بات کا کہ اِس خدا کے رسول کے مقابلہ میں سب سے زیادہ سنجیدہ اور متین کہلانے والوں نے بھی ہنسی سے کام لیا ۔ پس یہ ایک ایسی سنت ہے کہ جس سے کوئی نبی اور رسول نہیں بچا۔ حضرت مسیح موعود علیہ السلام سے وہ کونسا گروہ ہے جس نے ہنسی نہیں کی اور کونسا فرقہ ہے جس نے استہزاء سے کام نہیں لیا۔ مولوی بننے والوں نے آپ سے ہنسی کی، عالم کہلانے والوں نے آپ پر استہزاء کیا، گدی نشینوں اور فقیروں نے آپ پر آواز ے کسے، لیڈروں اور واعظموں نے آپ سے مخول کئے۔ حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے پاس بعض شخص آتے کہ ہمیں اتنے روپیہ مثلاً ایک لاکھ کی ضرورت ہے یہ روپیہ دیجئے۔ آپ اُس کو سمجھاتے کہ ہمارے پاس کہاںروپیہ ہے۔ مگر وہ اصرار کرتے کہ نہیں جی آپ کے پاس ہیں آپ ضرور دیں لیکن جب ان سے پوچھا جاتا کہ تمہیں کس نے یہاں بھیجا ہے تو کوئی نہ کوئی بڑا مولوی ہی معلوم ہوتا۔ اب دیکھو وہ صرف ایک خیالی خوشی پر کہ یہ شخص جا کر مرزا صاحب سے مانگے گا اور مرز ا صاحب اِس کو دیں گے نہیں اور اس طرح ایک ہنسی ہوگی، ایسا فعل کرتے اور اس خیالی خوشی کی خاطر وہ خود جھوٹ بولتے اور گناہ کے مرتکب ہوتے اور وہ غریب بے وجہ تکلیف میں پڑتا۔وہ نادان صرف حدیث کے ظاہری الفاظ کے مطابق نہ دیکھ کر حضرت مسیح موعود علیہ السلام پر ہنسی کرتے مگر نہیں جانتے تھے کہ آپ کا سلسلہ اسی طرح غربت سے شروع ہونا تھا جس طرح دوسرے نبیوں کے ہوا کرتے ہیں۔
غرض لوگوں کا آپؑ پر استہزاء کرنا آپؑ کی صداقت میں کوئی شک نہیں پیدا کرتا بلکہ اِس سے آپ کی صداقت اَور ظاہر ہوتی ہے کیونکہ خدا تعالیٰ فرماتا ہے کہ کوئی نبی ایسانہیں آیا جس سے ہنسی اور استہزاء نہ کیا گیا ہو۔
ابھی کچھ دن ہوئے حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی ایک عظیم الشان پیشگوئی پوری ہوئی ہے۔ اِس پر میں نے دو ٹریکٹ مخالفین کی طرف سے دیکھے ہیں جس میں انہوں نے ہنسی اور تمسخر کا پہلو ہی اختیار کیا ہے۔ ایک ٹریکٹ پرسوں ہی میں نے دیکھا جس پر لکھا ہوا تھا ’’بغرض ریویو‘‘۔ چونکہ حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی اس پیشگوئی کے متعلق دو مضمون شائع ہوئے ہیں۔ ایک میری طرف سے اور ایک مولوی محمد علی صاحب کی طرف سے اس لئے اس اشتہار کے لکھنے والے نے بُرا بھلا کہا ہے اور ہماری تعریف کر دی ہے۔ اس کے بعد حضرت مسیح موعود علیہ السلام پر اعتراض کئے ہیں۔ اس سے اس نے یہ سمجھا ہو گا کہ قادیان والے تو اس خیال سے کہ میں نے ان کے مخالف مولوی محمد علی صاحب کو بُرا کہا ہے میرا جواب لکھنے سے خاموش رہیں گے اور مولوی محمد علی کو جواب دینے کی ضرورت ہی نہیں کیونکہ اُس نے اپنے مضمون میں یہی لکھا ہے کہ اسلام ایک ایسا مذہب ہے جس میں ایسے ایسے شخص پیدا ہوتے ہیں اور بس۔ اس کے سوا اسے اس بات سے کوئی تعلق نہیں کہ کوئی مرزا صاحب کو مانے یا نہ مانے۔ اس کے نزدیک ماننا نہ ماننا برابر ہے۔ اس طرح جب دونوں طرف سے جواب نہیںملے گا نتیجہ یہ ہوگا کہ لوگوں کے دلوں میں مرزا صاحب کے متعلق ہمارے ڈالے ہوئے شکوک بیٹھ جائیں گے۔
لیکن اس بیوقوف نے ہمارا اندازہ بھی اپنے نفس پر ہی کیا ہے۔ حالانکہ جب کوئی حضرت مسیح موعود علیہ السلام کو گالیاں دے اور آپ کی تکذیب کرے گا تو ہمارا فرض ہے کہ ہم اس کاجواب دیں۔ خواہ وہ اعتراضات کسی کو مخاطب کرکے کئے گئے ہوں یا ساتھ ہی ہمارے کسی دشمن کو بھی اس میں کچھ کہا گیا ہے کیونکہ خدا کے فضل سے ہم ان لوگوں میں سے نہیں ہیں جو اپنی دشمنی کی وجہ سے حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی شان کی پرواہ نہیں کرتے۔ پھر کیا اسے معلوم نہیں کہ ہماری جو مولوی محمد علی صاحب وغیرہ سے مخالفت ہے وہ کسی ذاتی خصومت کی بناء پر نہیں بلکہ ہمارے خیال میں وہ چونکہ حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے خلاف چل رہے ہیں اِس لئے اُن سے اختلاف ہے۔ ا ب اگر کوئی شخص ان لوگوں کو بُرابھلا کہتا ہوا حضرت مسیح موعودعلیہ السلام پر بھی حملہ کر دے۔ تو ہم اس خیال سے کہ اس نے ہمارے مخالفوں کو بُرابھلا کہا ہے ان اعتراضوں کو دور کرنے سے اغماض نہیں کریںگے جوحضرت مسیح موعودعلیہ السلام پر کئے گئے ہوں گے کیونکہ ہمارا ان لوگوں سے بھی تو اختلاف حضرت مسیح موعودعلیہ السلام کی خاطر ہی ہے۔ پس اس کا یہ خیال کہ میں قادیان والوں کی کچھ تعریف کر کے اور مولوی محمد علی کو مدمقابل بنا کر حضرت مسیح موعود علیہ السلام پر جو اعتراض کروںگا ان کاکوئی جواب نہیں دے گا غلط تھا۔
جب میں نے وہ اشتہار پڑھا تو میرے دل میں جوش پیدا ہواکہ اِس بے وقوف نے کیسی چالاکی کی ہے مگر اس کو معلوم ہونا چاہئے کہ ہم اس معاملہ میں کسی دشمنی اور کسی اختلاف کو راہ نہیں دیتے بلکہ جب کوئی حضرت مسیح موعود علیہ السلام پر حملہ آور ہو گا ہم اس کا ضرور جواب دیں گے۔
اس نے اپنے اشتہار میں کئی طرح سے مغالطہ دئیے ہیں۔ مثلاً اس نے براہین احمدیہ حصہ پنجم سے ایسے حوالے نقل کئے ہیں جن سے یہ ثابت کرنا چاہا ہے کہ اس پیشگوئی سے مراد زلزلہ ہی ہے جنگ وغیرہ نہیں ہے۔ لیکن اس کو معلوم نہیں کہ وہاں جو تعیین کی گئی ہے وہ اس پہلے زلزلہ کے متعلق ہے جو ۴؍ اپریل ۱۹۰۵ء کو آیا تھا۔
دوسرے اس نے یہ اعتراض کیا ہے کہ حضرت مرزا صاحب تو فرماتے ہیں کہ زلزلہ میری زندگی میں آئے گا اگر اس جنگ کو ہی اِس پیشگوئی کا مصدق ٹھہرایا جائے تو پھر یہ آپ کی زندگی میں ہی کیوں شروع نہیں ہوئی؟
یہ ٹھیک ہے کہ حضرت صاحب نے تحریر فرمایا تھا کہ میری زندگی میں ہی پیشگوئی پوری ہوگی مگر خدا تعالیٰ نے ہی آپ کو الہاماً یہ دعا سکھائی۔ رَبِّ اَخِّرْ وَقْتَ ھٰذَا ۲؎ اے خدا! اِس نشان کے وقت میں تأخیر ڈال دے۔ پہلے جس طرح آپ کو کہا گیا تھا اُسی کے مطابق آپ نے لکھا مگر پھر خدا تعالیٰ نے الہاماً یہ دعا سکھلائی کہ اِس نشان میں تأخیر ہو جائے اِس لئے تأخیر ہو گئی۔
پھر اِس بات پر بہت زور دیا گیا ہے کہ جب زلزلہ کا لفظ موجود ہے تو اِس سے جنگ کس طرح مراد لی جا سکتی ہے حالانکہ عذابِ جنگ کے لئے زلزلہ کا لفظ قرآن مجید میں موجود ہے۔ پھر یہ لکھا گیا ہے کہ اس ملک میں اس کا کوئی اثر ظاہر نہیں ہوا مگر یہ کس قدر غلط ہے۔ کیا یہ ملک جنگ کے اثر سے محفوظ ہے؟ اب تک کس قدر جانیں اس ملک کی اس جنگ کی نذر ہو چکی ہیں اور ابھی تک یہ سلسلہ چلاجاتا ہے۔ اس پیشگوئی میں تو یہ فرمایا گیا ہے ؎
مضمحل ہو جائیں گے اِس خوف سے سب جن و اِنس
زار بھی ہو گا تو ہو گا اس گھڑی باحالِ زار۳؎
یعنی یہ جنگ کسی خاص ملک سے متعلق نہیں ہو گی بلکہ عالمگیر ہو گی کیونکہ فرمایا اُس کا خوف تمام جن و اِنس پر حاوی ہو گا اور اُس کا خاص جو لان گاہ وہ جگہ ہو گی جس کے ایک خطہ میں زار بھی ہو گا اور افراد میں سے سب سے زیادہ مصیبت زار کے لئے درپیش ہو گی۔ دیکھو بیلجئم تباہ ہوا مگر اُس کا بادشاہ ، بادشاہ ہی ہے اُس کے سفیر تمام ممالک میں موجود ہیں۔ مگر زار کی جو حالت ہوئی ہے وہ سب کو معلوم ہے۔ اس سے زیادہ اور کیا صاف اور کھلا نشان ہو سکتا ہے پس آپ کی ایسی کھلی کھلی پیشگوئیوں کے باوجود آپ سے استہزاء کیا جانا صاف ظاہر کررہا ہے کہ آپ خدا کے نبی اور رسول تھے۔خدا تعالیٰ حضرت مسیح موعودعلیہ السلام کے دشمنوں کو آنکھیں بخشے تا وہ آپ کو پہچانیں۔ اللہ کے رسول بڑا فضل ہوتے ہیں۔ جو لوگ ان کو قبول کرتے ہیں وہ بڑے فضلوں کے وارث ہوجاتے ہیں۔ ہماری دعا ہے کہ خدا وہ دن جلد لائے کہ اسلام کی صداقت تمام دنیاپر پھیل جائے۔
(اتنا فرما کر حضور بیٹھ گئے اور جب دوسرے خطبہ کے لئے اُٹھے تو فرمایا)
ایک بات بیان کرنی رہ گئی ہے اور وہ یہ کہ مخالفین کو دھوکا لگا ہے کہ ان کے نزدیک حضرت مسیح موعود علیہ السلام نے صرف ایک یہ ہی زلزلہ کی پیشگوئی کی ہے مگر واقعہ یہ ہے کہ حضرت مسیح موعود علیہ السلام کو خدا نے کئی زلزلوں کی خبر دی ہے۔۴؎ چنانچہ ان میں سے بعض بڑے بڑے فرانسسکو وغیرہ مقامات میں آپ کی زندگی میں ہی آچکے ہیں اور ابھی کونسے رُک گئے ہیں۔ جس دن اشتہار آیا اور میری توجہ ادھر ہوئی کہ کیسے حق پوش لوگ ہیں ایسے کھلے اور بین نشانات کو بھی نہیں مانتے اور کہتے ہیں کہ زلزلہ آنا چاہئے تھا تو خدا تعالیٰ نے ۱۰؍ مئی کی رات کو ایک زور کا زلزلہ بھیج دیا کہ اگر تم یہی چاہتے ہو تو اِسی کو دیکھ لو۔ دھرم سالہ سے خط آیا ہے کہ بڑے زور کا زلزلہ تھا، نقصان جان بھی ہوا ہے، عمارات کو بھی نقصان پہنچا۔ اورنیز یہ بھی لکھا ہے کہ ۱۹۰۵ء سے زیادہ تھا۔ ابھی اس کی تفصیلات شائع نہیں ہوئیں۔ وہ نادان ابھی سے کیوں گھبراتا ہے زلزلے خدا کے پاس بہت ہیں۔ جس طرح خدا کے پاس فضل اور احسان بہت ہیں اسی طرح اس کے پاس شریروں کے سزا دینے کے لئے زلزلے بھی ہیں۔ ابھی تو اَور بڑے بڑے عظیم الشان زلزلہ آئیں گے خدا جیسا بہت بڑا رحیم ہے ویسا ہی عذاب دینے میں بہت سخت ہے۔ خدا تعالیٰ لوگوں کو حق کے سمجھنے کی توفیق دے ۔آمین (الفضل ۲۲؍مئی ۱۹۱۷ئ)
۱؎ یٰس: ۳۱
۲؎ تذکرہ صفحہ ۶۰۶۔ ایڈیشن چہارم
۳؎ براہین احمدیہ حصہ پنجم روحانی خزائن جلد۲۱ صفحہ۱۵۲
۴؎ حقیقۃ الوحی۔ روحانی خزائن جلد۲۲ صفحہ۲۶۸
۵۹
دعا سے بڑھ کر کوئی کامیابی کا ذریعہ نہیں
(فرمودہ ۱۸؍ مئی ۱۹۱۷ئ)
تشہد ، تعوذ اور سورۃ فاتحہ کے بعد حضور نے مندرجہ ذیل آیت کی تلاوت فرمائی:۔
۱؎
اور فرمایا:۔
’’یو ں تو دعا ایک ایسی چیز ہے کہ جس کے مقابلہ میں کوئی روک نہیں ٹھہر سکتی اور یہ ایک ایسا ہتھیار ہے جس کی کاٹ کو کوئی ڈھال نہیں روک سکتی۔ اگر تمام قسم کی ڈھالوں کو جمع کیا جائے اور ان سے ایک ڈھال بنائی جائے تب بھی وہ دعا کے حملہ کا مقابلہ نہیں کر سکتی۔
بہت سے لوگ ہوں گے جنہوں نے بچپن میںبوڑھی عورتوں سے قصے سنے ہوں گے اور بہت سے ہوں گے جنہوں نے ابتدائی تعلیم کے دَوران میں کچھ قصے پڑھے ہوں گے۔
میں نے ایک قصہ سناتھا کہ کوئی جادو کا محل تھا جو کوئی اُس پر حملہ کرتا وہ کامیاب نہ ہوتا تھا۔ پھر کسی نے غالباً اسمِ اعظم پڑھ کر ماش کا دانہ مارا تووہ محل پھٹ گیا۔ اس میں خزانہ وغیرہ تھے اُن پر اِس سے قبضہ کر لیا۔ اور اِس طرح کے دوسرے قصے محض بچوں کے خوش کرنے کوبیان کئے ہیں لیکن اگر غور سے دیکھا جائے تو وہ مقامات فتح کرنے کی کوئی تدبیر نہیں ہوتی، وہ صرف خدا کے حضور آنسو بہا دینے سے فتح ہو جاتے ہیں۔ ماش کے ذریعہ قلعہ فتح ہوجانا صرف ایک قصہ ہے مگر یہ واقعہ ہے کہ خداوند کریم ہر ایک قسم کی مشکلات کے پہاڑ صرف چند لفظوں کے کہنے اور آنکھوں سے چند دانے گرانے سے اُڑا دیتا ہے۔ آنسو بھی دانہ کے مشابہہ ہی ہوتے ہیں لیکن بظاہر اس سے بھی زیادہ نازک اور کمزور کہ جو اُنگلی کے ساتھ چھونے سے ہی ٹوٹ جاتے ہیں۔ وہ قلعہ جس کو کوئی فتح نہیں کر سکتا وہ اِن سے فتح ہو جاتا ہے۔ تو دعا ہر زمانہ اور ہر وقت بڑے بڑے عظیم الشان کام کرتی ہے لیکن ہمارے زمانہ میں تو بہت ہی کار آمد ہتھیار ہے۔
میں نے ایک رئویا دیکھی اور آج تک جب یا د آتی ہے اس کی لذت محسوس کرتا ہوں میں نے دیکھا کہ اژدھا ہے اور ایک سڑک ہے۔ کچھ آدمی آگے بڑھے ہوئے ہیں اور ایک جماعت میرے ساتھ ہے۔ جو لوگ آگے ہیں ان کے متعلق ایسا معلوم ہوتا ہے کہ ہمارے ہی ساتھ سے الگ ہوئے ہوئے ہیں۔ اس کا شاید یہ مطلب ہو کہ بظاہر تو ساتھ ہیں مگر اطاعت میں تقدم کرتے ہیں۔ چلتے چلتے کسی کے چیخنے کی آواز آئی ہے اور میں اُس کی طرف دَوڑتا ہوا گیا کہ اسے مصیبت سے بچائوں۔ دیکھا کہ ایک اژدھا ہے جو لوگوں پر حملہ کر رہا تھا اور کوئی انسان اُس کا مقابلہ نہیں کر سکتا۔ جب وہ سانس لیتا تھا تو بے اختیار لوگ اُس کی طرف کھنچے چلے جاتے اور کوئی ان کو روک نہ سکتا۔ انسانوںپر ہی کیا موقوف ہے ہر ایک چیز درخت وغیرہ تک اُس کی طرف کھنچنے لگتے اور جب وہ سانس باہر نکالتا جہاں تک پہنچتا وہاں تک کی ہر ایک چیز کو جلا کر راکھ کر دیتا۔ اُس وقت میں نے اپنے دوستوں میں سے ایک کو دیکھا جس پر وہ حملہ آور ہو رہا تھا۔ میں بھاگ کر گیا کہ اس کی مدد کروںلیکن وہ اژدھا اس سے ہٹ کر مجھ پر حملہ کرنے لگا۔ اُس وقت مجھ کو وہ اژدھا یاجوج ماجوج ہی معلوم ہونے لگا اور خیال آیا کہ اس کا سامنے ہو کر تو مقابلہ نہیں کیا جا سکتا کیونکہ حدیث شریف میں آتا ہے کہ لَایَدَانِ لِاَحَدٍ لِقِتَالِھِمَا ۲؎ کہ اس کا مقابلہ کوئی نہیں کر سکے گا۔ اور یہ حدیث یاجوج ماجوج کے متعلق ہے اس سے مجھے کچھ گھبراہٹ سی پیدا ہوئی لیکن معاً یہ بات مجھے سمجھائی گئی کہ اس حدیث کا تو یہ مطلب ہے کہ اس کے سامنے ہو کر کوئی مقابلہ نہیں کر سکے گا۔ اگر کسی اَور طریق سے حملہ کیا جائے تو ضرور کامیابی ہو گی۔ اِس کے بعد میں نے دیکھا کہ ایک چارپائی پیدا ہوئی ہے جو بنی ہوئی نہیں صرف چوکھٹ ہے اور وہ اُس اژدہے کی پیٹھ پرر کھی گئی ہے۔میں اُس پر کھڑا ہو گیا اور ہاتھ اُٹھا کر دعا کرنی شروع کر دی ہے جس سے وہ پگھلنا شروع ہو گیا اور آخر کار مر گیا۔ یہ میں نے اُس کے سامنے ہو کر مقابلہ نہیں کیا بلکہ اُوپر ہو کر کیاتھا اِس لئے کامیاب ہو گیا۔
آج جو اسلام کے خلاف فتنہ برپا ہے کوئی نہیں جو تلوار سے اِس کو مٹا سکے اس کے مٹانے کا ذریعہ صرف ایک ہی ہے اور وہ ہے خدا کے حضور دعا کرنا۔ پس سب مل کر دعائیں کرو اور اسلام کی تائید میں اِس ہتھیار سے بہت زیادہ کام لو۔دیکھو جو کوئی اسلام کا نام لے کر کسی کے مقابلہ میں تلوار اُٹھاتا ہے وہ سخت ذلیل اور خوار ہوتا ہے کیونکہ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا ہے کہ اُس وقت تلوار کام نہیں دے گی تو اِس زمانہ میں صرف دعا ہی ایک ایسا ہتھیار ہے جس سے مخالفین اسلام کا مقابلہ کیا جا سکتا ہے۔ مگر جو لوگ اسلام کے نام پر اِس وقت تلوار اُٹھاتے ہیں وہ درحقیقت اسلام کے دشمن ہیں۔ وہ نہ صرف خد ااور رسول کے حکم کے خلاف ہی کرتے ہیں بلکہ اسلام سے دشمنی بھی کرتے ہیں کیونکہ یہ وہ ذریعہ استعمال کرتے ہیںجو قرآن نے نہیں بتایا۔
پس یہ زمانہ خصوصیت سے دعائوں سے تعلق رکھتا ہے۔ دعائوں کے خاص اوقات یہ ہیں نمازوں میں، نوافل میں، خاص طور پر روزوں میں دعائیں کرنی چاہئیں کیونکہ اسلام کی ترقی اِسی میں ہے۔بعض اہم کار درپیش ہیں ان میں رُکاوٹیں ہوتی جاتی ہیں سب دعا کریں کہ خداتعالیٰ ان کے کرنے کی ہمیں توفیق دے۔ترقی کا وقت یہی ہے لیکن ہماری طاقت بھی کمزور ہے، پورے سامان بھی نہیں ہیں۔ میں تو اپنی صحت کو دیکھتا ہوں، ہمیشہ بیمار ہی رہتا ہوں۔ ایک وقت صحت ہوتی ہے تو دوسرے وقت بیمار۔
پس اِس وقت ضرورت ہے کہ ہماری تمام جماعت پورے جوش کے ساتھ دعائیں کرے کہ خدا تعالیٰ نورِ ہدایت کو تمام دنیا میں پھیلا دے اور ہمیں سامان دے جن سے ہم کامیاب ہوں۔ لیکن صرف سامانوں سے ترقی اور غلبہ حاصل نہیں ہو سکتا اس لئے سامان ہوں تو ساتھ خدا کا فضل بھی ہو۔پس ہماری جماعت کے لوگوں کو چاہئے کہ دعا کریں کہ خدا تعالیٰ ہمیں وہ سامان دے جن سے اسلام کی ترقی ہو۔ اللہ تعالیٰ ہم پر رحم کرے اور چشم پوشی فرمائے اور وہ کام جو مسیح موعود علیہ السلام کے ذریعہ ہم پر فرض ہوئے ہیں ان کے پورا کرنے کی توفیق دے تاہم اسلام کی ترقی کو اپنی آنکھوں سے دیکھ لیں۔ (الفضل ۲۶؍ مئی ۱۹۱۷ئ)
۱؎ البقرۃ: ۱۸۷
۲؎ مسلم کتاب الفتن باب ذکر الدجال
۶۰
اسلام کی ترقی کے سامان پیدا ہو رہے ہیں
(فرمودہ ۲۵؍ مئی ۱۹۱۷ئ)
تشہد ، تعوذ اور سورہ فاتحہ کے بعد حضور نے درج ذیل آیت کی تلاوت کی۔
۱؎
پھر فرمایا:۔
’’اسلام کی بعض تعلیمات اِس قسم کی ہیں جن کو لوگوں نے اپنی کوتاہ نظری سے مضر سمجھ رکھا ہے لیکن جب خدا تعالیٰ اصلاح کرنا چاہتا ہے تو ایسے سامان پیدا کردیتا ہے جن کے ذریعہ پھر وہی صداقتیں دنیا میں قائم ہو جاتی ہیں جن کا انکار کیا جاتا ہے اسلام کی اشاعت میں اِس وقت جو بہت سی روکیں ہیں اِن میں سے تین روکیں بہت بڑی ہیںجو یورپ کے لئے اسلام کے راستہ میں حائل ہیں۔
اوّل شراب پینے کی ممانعت
دوسرے تعددِ ازواج کی اجازت
تیسرے سُود۔
یہ باتیں ایسی ہیں جو اہل یورپ کے اسلام قبول کرنے میں بہت بڑی روک ہیں۔شراب کو وہ لوگ اِس طرح استعمال کرتے ہیں جس طرح پانی، ایک سے زیادہ بیویاں کرنا ان کے نزدیک بہت بڑا جرم ہے اور ایسا جرم ہے جس کی معافی ہو ہی نہیں سکتی۔ سُود کووہ لوگ کسی قوم کی ترقی کے لئے ایسا ضروری اور لازمی خیال کرتے ہیں کہ اس کے بغیر ان کے خیال میں کوئی سلطنت یا قوم قائم ہی نہیں رہ سکتی۔لیکن اسلام ان تینوں باتوں میں یورپ کے بالکل خلاف ہے۔ اسلام شراب کو بالکل ناجائز قرا ر دیتا ہے اور ایک سے زیادہ بیویاں کرنے سے نہ صرف یہ کہ روکتا نہیں بلکہ پسند کرتا ہے کہ استطاعت ہوتے ہوئے ایک سے زیادہ بیویاں کی جائیں۔ سُود کو ایسا ناپسند کرتا ہے کہ جو سُود لے اُس کے اِس فعل کو وہ خدا سے جنگ کرنے کے برابر ٹھہراتا ہے گویا اُس کو بغاوت کے جرم میں داخل کرتا ہے گویا جس طرح باغی ملک پر بادشاہ چڑھائی کرتے ہیں اِسی طرح سُود لینے والوں کے متعلق فرمایا کہ اگر تم اس سے باز نہیں آئو گے تو ۲؎ اللہ کے ساتھ جنگ کرنے کے لئے تیار ہو جائو کیونکہ تم نے اس کی بغاوت کی ہے۔
چنانچہ مسلمان حکومتیں اکثر سُود لے کر یا دے کر ہی تباہ ہوئی ہیں۔ دوسری حکومتیں بھی سُود لیتی اور دیتی ہیںمگر اُن کو اِس سے نقصان نہ پہنچنے اور مسلمانوں کے تباہ ہو جانے کی وجہ یہ ہے کہ جو شخص کسی مذہب کی صداقت کا ہی قائل نہیں اُس پر اس مذہب کے کسی حکم کی خلاف ورزی پر کوئی سزا نہیں ہوتی مگر جو لوگ قائل ہوں اُن کو ضرور سزا دی جاتی ہے۔
عیسائی سُود لیتے ہیں ان پر اس کی بناء پر عذاب نہیں آسکتا کیونکہ وہ اسلام کو مانتے ہی نہیں اور یہ اسلام کا ایک حکم ہے کہ سُود نہیں لینا چاہئے مگر مسلمان کہلانے والے تو اس کے خلاف کرنے سے سزا سے بچ نہیں سکتے کیونکہ وہ اسلام کے سچا ہونے کا اقرار کرتے ہوئے پھر اِس کے خلاف کرتے ہیں۔
دیکھو! خدا تعالیٰ نے کفر کا عذاب اِس جہان میں نہیں بلکہ اگلے جہان میں رکھا ہے اور یہاں ایسے ہی لوگوں کو عذاب دیا جاتا ہے؟ جو شرارت اور فسق و فجور کی زندگی بسر کرتے یا دوسروں کو بھی کفر پر مجبور کرتے ہوں یا فساد پھیلاتے ہوں۔لیکن ایسا کافر جو کسی کو دُکھ نہیں دیتا اور اپنے خیال کی بناء پر اپنے مذہب پر لگا ہوا ہے اس سے اِس جگہ پُرسش نہیں ہو گی بلکہ مرنے کے بعد ہو گی اور وہ بھی یہ کہ تم نے اسلام کیوں قبول نہیں کیا؟ نہ یہ کہ تم نے اسلام کے فلاں حکم کے خلاف کیوں کیا؟ مگر وہ لوگ جو اسلام کو قبول کرتے ہوئے پھر بھی اسلام کے احکام پر عمل نہیں کرتے اُن کو یہاں بھی سزا دی جاتی ہے اور وہاں بھی دی جائے گی۔ پس یہی وجہ ہے کہ وہ اسلامی سلطنتیں جنہوں نے سُود لیا یا دیا سب کی سب مٹ گئیں۔ دوسری قوموں کی سلطنتوں کو بھی زوال آئے مگر وہ سیاسی طور پر تھے اور ان کی وجوہات کچھ اَور تھیں۔ لیکن اسلامی سلطنتیں اِسی طرح فنا ہوئی ہیں کہ انہوں نے سُود پر قرض لیا یا دیا۔ اگر لیا تو روپیہ دینے والی سلطنتوں نے اُن کے ملک میں آہستہ آہستہ اپنا تسلط جمانا شروع کیا۔ کبھی ریلوں کا ٹھیکہ لیا، کبھی کانوں کو کفالت میں رکھا، کبھی کسی اَور صیغہ پر قبضہ کر لیا غرض آہستہ آہستہ تمام ملک پر چھا گئے۔ آخر مسلمانوں کو سلطنت سے دَست بردار ہونا پڑا اوراگر سُود پر قرض دیا تو جب کبھی سلطنتوں کے تعلقات میں کشیدگی پیدا ہوئی تو وہ ارکانِ سلطنت جنہوں نے اپنا تمام سرمایہ غیروں کو سُود پر دیا ہو ا تھا اپنے قرضداروں کے طرف دار ہو گئے تاکہ ان کا روپیہ نہ مارا جائے کیونکہ اگر سلطنت کا ساتھ دیتے تو روپیہ جاتا تھا۔ پس سُود نے اس طرح مسلمانوں کی اکثر حکومتوں کو تباہ کر دیا۔اہل یورپ کے خیال میں سُود کے بغیر کسی قوم کی زندگی نہیں مگر اسلام کہتا ہے کہ سُود کے چھوڑے بغیر زندگی نہیں۔ دونوں باتوں میں زمین وآسمان کا فرق ہے۔ باوجود اِس فرق کے کس طرح ممکن ہے کہ وہ لوگ اسلام قبول کریں۔لیکن زمانہ کے تغیرات مجبور کر رہے ہیں اور حالات اس قسم کے پیدا ہو رہے ہیں کہ لوگ اسلام قبول کریں اور اِس قسم کے فرق دور ہو جائیں۔
شراب تو اِس جنگ کی وجہ سے ایسی رو کی جارہی ہے کہ روس جس میں ۶ کروڑ روپیہ صرف محصول شراب کاہی وصول ہوتا تھا حکماً بند کر دی گئی ہے اور شراب کے تمام کارخانوں پر سرکار نے قبضہ کر لیا ہے کیونکہ تمام قسم کی تیز شرابیں جنگی سامان میں صرف کی جاتی ہیں۔ اس کے علاوہ فرانس اور انگلینڈ میں بھی اِس کے روکنے کی کوشش کی جارہی ہے۔
ایک سے زیادہ بیویاں کرنے کو وہ لوگ اِس قسم کا جرم خیال کرتے تھے کہ جس کی معافی نہیں ہو سکتی تھی مگر اب یورپ کے رسالوں میں کثرت سے ایسے مضامین شائع ہو رہے ہیں جن میں کثرتِ ازواج پر زور دیاجاتا ہے اورکہا جاتا ہے کہ اِس جنگ سے جو نسل کو نقصان پہنچا ہے اِس کا علاج بجز اِس کے اَور کچھ نہیں کہ ایک مرد کئی شادیاں کرے۔ پھر بہت سے لوگ گورنمنٹ کو ایک ایسا قانون بنانے کا مشورہ دے رہے ہیں کہ جس سے قانوناً ایک سے زیادہ بیویاں کرنا جائز ہو اور جب تک یہ نہ ہو اُس وقت تک ایک سے زیادہ بیویاں کرنے پر باز پُرس نہ ہو اور کوئی سزا نہ دی جائے۔ یعنی اگر کوئی کرے تو گورنمنٹ کے حکام اس قانون پر عمل نہ کریں۔ یہ مضامین نویس مثالیں دے دے کر ثابت کررہے ہیں کہ ایک سے زیادہ بیویاں کرنا بہت مفید ہے۔ انہوں نے بلغاریہ کی مثال دی ہے کہ جب جنگ نے اُس کے مردوں کو گھٹادیا تو انہوں نے پھر ایک سے زیادہ بیویاں کیں جس سے اُن کی وہ کمی پوری ہونے لگ گئی۔
پھر مردوں کے لئے ہی مضامین اِس مسئلہ پر نہیں نکل رہے ہیں بلکہ عورتوں کے رسالوں میں بھی ایسے مضامین نکل رہے ہیں کہ اب عورتوں کو قربانی کرنی چاہئے۔ جبکہ مرد اپنی جانیں قربان کرر ہے ہیں تو پھر کیا وجہ ہے کہ عورتیں اپنے خیالات کو بھی قربان نہ کریں۔ پس عورتوں کو دوسری شادی سے بُرا نہ منانا چاہئے خواہ انہیں کتنی ہی تکلیف کیوںنہ ہو۔ ہر ایک عورت کو اولاد پیدا کرنے کی کوشش کرنا چاہئے۔ ایسے مضامین کا صاف طور پر یہ مطلب ہے کہ کئی کئی عورتیں ایک مرد سے شادی کریں ورنہ ہر ایک عورت اولاد کس طرح پیدا کر سکتی ہے جبکہ عورتوں کی تعداد پہلے ہی مردوں سے زیادہ تھی اور اب تو جنگ کی وجہ سے بہت ہی زیادہ ہو گئی ہے۔
تیسر امسئلہ سُود کا ہے۔ شراب اور کثرتِ ازواج کا تعلق تمدن سے ہے مگر سُود کا مسئلہ ایک ایسا مسئلہ ہے جس کا تعلق تمدن کے علاوہ سیاست سے بھی ہے مگر اہل یورپ ابھی تک اس کے لینے دینے کی ضرورت پر قائم ہیں مگر اِنْشَائَ اللّٰہ وہ وقت آنے والا ہے جبکہ اِس کے متعلق بھی اسلام کے حکم کو اُسی طرح قبول کیا جائے گا جس طرح شراب اور تعددِ اَزواج کے متعلق کیا گیا ہے۔
گورنمنٹ ہند نے جب قرضۂ جنگ کی تحریک کی تو میں نے اپنی جماعت کی طرف سے کوشش کی کہ کوئی صورت اِس قسم کی بھی ہونی چاہئے کہ جو لوگ قرضہ بِلا سُود دینا چاہیں وہ بھی اس میں شامل ہو سکیں۔ اِس کے متعلق سرکاری حکام سے خط وکتابت کرائی گئی مگر یہی جواب ملا کہ ایسا نہیں ہو سکتا۔ تاہم میں نے کوشش برابر جاری رکھی اور دو ایک جگہ جب قرضۂ جنگ کے متعلق جلسے ہوئے تو میں نے اپنے آدمیوں کو بھیجا جنہوں نے وہاں بھی یہی تجویز پیش کی۔ آخر گورنمنٹ نے اعلان کر دیا کہ گورنمنٹ ایسے قرض کو بھی وصول کرے گی جو بِلا سُود دیا جائے گا۔
صدیوں کے بعد یہ پہلا موقع ہے کہ کسی گورنمنٹ نے بِلا سُود قرض لینے کی تجویز کو منظور کیا ہے۔ ترکوں نے جو مسلمانوں کی حکومت کہلاتی ہے اِردگرد کے حالات سے متأثر ہو کر اپنے علماء کو مجبور کیا تھا کہ کسی نہ کسی طرح وہ سُود کے جو از کا فتوی دے دیں۔ لیکن ادھر ایک غیر مسلم سلطنت ہے اس کے اپنی رعیت کے ساتھ ایسے تعلقات ہیں کہ اس کی رعایا کا ایک حصہ اس کو مجبور کرتا ہے کہ ہم سے جس قدر بن پڑتا ہے اور جتنی ہماری طاقت ہے اس کے مطابق ہم سے بغیر کسی سُود کے روپیہ لیا جائے کیونکہ ہمارے نزدیک وفاداری کا ثبوت تویہی ہے کہ بغیر کسی قسم کی حرص کے مدد کی جائے۔ہر ایک شخص کے پاس کچھ نہ کچھ روپیہ ہوتا ہے اور اِس وقت ضرورت ہے کہ ہر ایک شخص اسلام کی صداقت کو ظاہر کرنے کے لئے اِس قرضہ میں کچھ نہ کچھ حصہ ضرور لے۔
ہم لوگوں سے جس قدر ہو سکے گورنمنٹ کو قرض بِلاسُود دیں کیونکہ جو شخص اپنے گھر کے پہرہ دار کو یہ کہے کہ مجھ کو کچھ دے تب میں تمہیں اپنے گھر کی حفاظت کے سامان دوں گا تو کس قدر عقل سے دُور بات ہے۔ گورنمنٹ بھی رعایا کی ایک پہرہ دار اور محافظ ہی ہے۔ ہماری حفاظت کر رہی ہے۔ اب جب یہ ہماری حفاظت کے لئے روپیہ طلب کرتی ہے تو یہ نہیں ہو سکتا کہ ہم کہیں کہ ہمیں کچھ نفع دو تب ہم تمہیں روپیہ دیں گے۔
مسلمانوں کی حکومت کی تو یہ حالت ہے کہ اس کو مولویوں سے سُود کے جواز کے فتویٰ کی ضرورت پڑی کہ لوگ اُس کو قرض دیں اِدھر خدا نے ہماری گورنمنٹ کے دلوں میں ایسی محبت ڈال دی کہ اس کی رعایا کا ایک طبقہ گورنمنٹ کو مجبور کرتا ہے کہ ہمیں موقع دیا جاوے کہ ہم بِلاسُود کے قرضہ میں شامل ہوں۔یہ اللہ تعالیٰ کافضل ہے کہ لوگوں کے دلوں میں کسی گورنمنٹ کی محبت ڈال دیتا ہے۔
میں اپنی جماعت سے چاہتا ہوں کہ جس قدر ہو سکے جنگ کے قرضہ میں حصہ لے۔ جب وہ بِلاسُود اِس میں حصہ لے کر ایک نیک مثال قائم کرے گی تو آئندہ سُود کے خلاف یہ ایک بہت عمدہ ہتھیار ہو گا۔ فی الحال یہ اجازت ہونا کہ بِلاسُود بھی قرضہ لیا جائے گا سُود کے بالکل مٹ جانے کے لئے نیک فال ہے۔ پھر چونکہ یہ ہماری تجویز گورنمنٹ نے منظور کر لی ہے اس لئے ہمیں اس پر خاص طور پر عمل کر کے دکھانا چاہئے۔
ہماری جماعت کی طرف سے جو رقم پیش ہو گی اگرچہ وہ کچھ زیادہ نہ ہو گی کیونکہ ہماری جماعت تمام ہندوستان کے مقابلہ میں تھوڑی ہے اور پھر غرباء کی جماعت ہے مگر بہت سی چھوٹی باتیں ہوتی ہیں جو آئندہ بڑے نتائج پیدا کیا کرتی ہیں۔ امید ہے کہ اِس سے بھی بہت اعلیٰ نتائج نکلیں گے۔
اللہ تعالیٰ اپنے فضل سے ایسے سامان پیدا کر دے کہ اسلام کے رستہ سے تمام روکیں دُور ہو جائیں اور خدا تعالیٰ ہمیں توفیق دے کہ اسلام کی اشاعت کر سکیں۔
(الفضل ۵؍ جون ۱۹۱۷ئ)
۱؎ البقرہ: ۲۷۷ ۲؎ البقرہ: ۲۸۰
۶۱
اتفاق و اتحاد کی ضرورت
(فرمودہ یکم جون ۱۹۱۷ئ)
تشہد، تعوذ اور سورۃ فاتحہ کی تلاوت کے بعد فرمایا:۔
’’کوئی نعمت، کوئی فضیلت، کوئی رحمت اور کوئی احسان خدا تعالیٰ کی طرف سے اُس کے بندوں پر نازل نہیں ہوتا کہ اُس کے ساتھ اُن کا کام اور اُن کی ذمہ داری بھی نہیں بڑھ جاتی۔ خداتعالیٰ کی نعمتیں اور احسان ہی ایک ایسی چیز ہیں کہ جو انسان کے کندھوں کو فرائض کے بوجھ سے خم کر دیتی ہیں۔ ایک دانا اور عقلمند انسان تو اس بوجھ کو سمجھتا ہے لیکن ایک نادان کی نظر نعمت اور انعام کی طرف تو ہوتی ہے مگر بوجھ کی طرف نہیں دیکھتا۔ ایک بڑے بزرگ کی نسبت لکھتے ہیں اُن کو کسی جگہ کا قاضی مقرر کیا گیا۔ اسلام میں قاضی ایسے ہی ہوتے تھے جیسے آجکل جج ہوتے ہیں اور یہ ایک بہت معزز عہدہ چلا آیا ہے اوراب بھی معزز ہی ہے۔ ان کے قاضی مقرر ہونے پر ان کے دوست آشنا جمع ہوئے کہ اُنہیں مبارکباد دیں لیکن جب ان کے پاس آئے تو دیکھا کہ وہ رو رہے ہیں اور روتے روتے گھگی بندھی ہوئی ہے۔ دیکھ کر حیران ہوگئے اور کہا ہم تو آپ کے پاس اس لئے آئے تھے کہ آپ کو قاضی مقرر ہونے پر مبارکباد دیں مگر آپ رو رہے ہیں، کیا کوئی ایسا سانحہ ہوا ہے جس کی تکلیف سے آپ رو رہے ہیں؟اُس بزرگ نے کہا۔ کیا قاضی مقرر کئے جانے سے بڑھ کر بھی کوئی ایسا واقعہ ہو سکتا ہے جس پر میں روئوں۔ انہوں نے کہا یہ تو خوشی کا مقام ہے نہ کہ رونے کا۔ بزرگ نے کہا تمہیں کیا معلوم۔ یہی تو رونے کا مقام ہے۔ اس میں شک نہیںکہ یہ مجھ پر ایک انعام ہوا ہے مگر اس میں شک نہیں کہ ساتھ ہی مجھ پر ایسی ذمہ داری بھی عائد کر دی گئی ہے جس کو میں اُٹھا نہیں سکتا۔ دیکھو میں عدالت میں جائوں گا، لوگوں کے جھگڑے میرے پاس فیصلہ کے لئے آئیں گے اور باوجود اس کے کہ جھگڑنے والے مجھ سے زیادہ جھگڑے کی حقیقت سے واقف ہوں گے مجھے اس کا فیصلہ کرنا پڑے گا۔ ایک شخص آکر کہے گا فلاں نے میرا اتنا روپیہ دینا ہے دلوائیے لیکن دوسرا کہے گا مجھے اِس کا کوئی روپیہ نہیں دینا۔ اب روپیہ لینے والا جانتا ہے کہ وہ اپنے دعوے میں سچا ہے یا جھوٹا ۔ یعنی اس نے روپیہ لینا ہے یا نہیں لینا مگر سامنے آکر یہی کہتا ہے کہ لینا ہے۔ اِسی طرح مدعا علیہ جانتا ہے کہ اُس نے روپیہ دینا ہے یا نہیں دینا اور سچاہے یا جھوٹا لیکن میرے سامنے انکار ہی کرتا ہے۔ اب باوجود اس کے کہ مدعی اور مدعا علیہ دونوں اصل معاملہ سے واقف ہیں، مدعی خوب جانتا ہے کہ اسے روپیہ لینا ہے یا نہیں۔ اِسی طرح مدعا علیہ کو اچھی طرح معلوم ہے کہ اسے روپیہ دینا ہے یا نہیں لیکن دونوں جھگڑتے ہیں اور کوئی فیصلہ نہیں کر سکتے۔ ان کا فیصلہ کرنے کے لئے مجھے مقرر کیا جاتا ہے جسے ان کے لین دین کے متعلق کچھ بھی واقفیت نہیں ہے۔ بتائو یہ رونے کا مقام ہے یانہیں؟ یہ کہہ کر ان کی چیخیں نکل گئیں اور رونے لگ گئے۔
یہ صرف اِن قاضی صاحب ہی کی بات نہیں ہے بلکہ ہر کام اور ہر محکمہ کا انسان اگر دیکھے تو اسے معلوم ہو جائے کہ جس قدر مجھ پرا نعامات ہور ہے ہیں اُسی قدر میری ذمہ داریاں بھی بڑھ رہی ہیں اور مجھ پر بوجھ رکھاجارہا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ سورۃ فاتحہ سے شروع ہوتی اور پر ختم ہوتی ہے۔ ایک ظاہر بین انسان تو یہی کہے گا کہ جب سے شروع ہوئی ہے تو ختم بھی پر ہی ہونا چاہئے تھی مگر ایسا نہیں ہے بلکہ پر ختم ہوتی ہے۔ جس کی وجہ یہی ہے کہ ہر انعام جو خدا تعالیٰ کی طرف سے انسانوں پر ہوتا ہے اُس کے ساتھ ان کی ذمہ داری بھی بڑھ جاتی ہے۔ لیکن بہت ہوتے ہیں جو انعام ہونے کے وقت ذمہ داری کو نہیں سمجھتے اِس لئے ٹھوکر کھا کر کہیں کے کہیں نکل جاتے ہیں۔ گویا ان کے لئے انعام ٹھوکر کا موجب بن جاتا ہے۔
شبلیؒ ایک مشہور بزرگ گزرے ہیں وہ جنید بغدادیؒ کے جو صوفیاء کے گویا باپ تھے شاگرد تھے۔ وہ ایک علاقہ کے گورنر تھے۔ کسی غرض کے لئے جس طرح حکام اپنے بالا دست افسروں کے پاس مشورہ کے لئے آتے ہیں وہ بھی ایک دفعہ بادشاہ کے پاس آئے اور جس مجلس میں آپ بادشاہ کے پیش ہوئے اُسی میں ایک ایسا شخص بھی پیش ہوا جس نے لڑائی میں بڑی بہادری دکھلائی اور بڑی خدمت کی تھی جس کے صلہ میں اُسے خلعت دیا جانا تھا۔ بادشاہ نے اسے ایک نہایت بیش قیمت خلعت پہنایا۔ اتفاقاً اسے ریزش کی شکایت تھی، چھینک جو آئی تو ناک سے رطوبت بہہ گئی۔ بدقسمتی سے وہ رومال لانا بھول گیا تھا اور اپنے کپڑے نیچے پہنے ہوئے تھے جن کے اُوپر خلعت تھا اِس لئے گھبراہٹ اور جلدی سے کہ اگر بادشاہ نے رطوبت دیکھ لی تو ناراض ہو گا خلعت سے ہی پونچھ دی۔ بادشاہ کی نظر اُس پر جا پڑی۔ سخت ناراض ہوکر حکم دیا کہ اس کا خلعت اُتار لو اور باہر نکال دو کہ اِس نے میرے دئیے ہوئے خلعت کی ہتک کی ہے۔ اِس واقعہ کو دیکھ کر شبلیؒ کی چیخ نکل گئی اور بادشاہ کو کہا کہ میرا ستعفاء قبول کیجئے۔ بادشاہ نے پوچھا۔ تمہیں کیا ہوا ہے تم کیوں استعفاء دیتے ہو؟ انہوں نے کہا۔ اس شخص نے آپ کی خدمت بڑی جاں نثاری کے ساتھ کی ہے۔ جس کے بدلہ میں آپ اسے جو کچھ بھی دیتے تھوڑا تھا لیکن آپ نے ایک خلعت پہنایا جو اگرچہ اس کی خدمت اور کام کے نتیجہ میں ہی تھا مگر باوجود اس کے اَور رومال کے نہ ہونے کی وجہ سے جب اِس نے منہ پونچھ لیا تو آپ نے اس کے ساتھ یہ سلوک کیا حالانکہ اگر وہ منہ نہ پونچھتا تو بھی اس کے ساتھ اِسی قسم کا سلوک کیا جاتا لیکن مجھے جو خدا تعالیٰ نے خلعت عطا فرمائی ہے وہ میرے کسی فعل کے نتیجہ میں نہیں ہے بلکہ محض اس کے فضل سے ہے اس لئے میں اگر اِس کی قدر نہ کروںگا تو کس قدر سزا کا مستحق ہوں گا۔ پس میں آپ کی ملازمت سے باز آیا۔ تو وہ اس طرح استعفاء دے کر اور سب کچھ چھوڑ چھاڑ کر جنیدؒ کے پاس چلے گئے اور ان کے شاگردوں میں داخل ہو گئے۔۱؎
تو انعام کے ساتھ ذمہ داری بھی بہت بڑھ جاتی ہے۔ ہماری جماعت جو خدا تعالیٰ کے خاص فضل اور رحم کے ماتحت قائم ہوئی ہے۔ اِس کو میں نصیحت کرتا ہوں کہ خوب یاد رکھے کہ ہر انعام کے ساتھ ایک ذمہ داری بھی ہوتی ہے۔ اور پھر وہ انعام جو ہم پر ہوا ہے وہ چونکہ بہت ہی عظیم الشان ہے اِس لئے ہماری ذمہ داری بھی بہت زیادہ اور بہت بڑھی ہوئی ہے۔ ہمیں وہ زمانہ نصیب ہوا ہے جس کے دیکھنے کی خواہش اور آرزو بڑے بڑے بزرگ اپنے ساتھ لے گئے۔ پس جہاں یہ بہت بڑا انعام ہم پر ہوا ہے وہاں ساتھ ہی بہت بڑی ذمہ داریاں بھی ہم پر عائد ہو گئی ہیں اِس لئے ہمیں اپنے قول، اپنے فعل میں ،اپنی رفتار میں، اپنی گفتار میں بہت احتیاط کرنی چاہئے تاکہ کسی ٹھوکر کا موجب ہو کر جماعت کو نقصان نہ پہنچائیں۔ ہمیں ساری دنیا کے لوگوں کے ساتھ مقابلہ کرنا ہے جو دنیاوی سازوسامان کے لحاظ سے ہر طرح پڑھے ہوئے ہیں ان کے مقابلہ میں ہماری مٹھی بھر جماعت ہے۔ کروڑوں کی تعداد میں ہندو، عیسائی، یہود اور غیر احمدی موجود ہیں پھران کے پاس ہر قسم کے سامان ہیں اور ہمارے پاس ان سب کی کمی ہے۔
ایک مثال ہے کہ بیا۲؎ اُلٹا سوتا ہے ۔ کسی نے اُس سے پوچھا کہ اِس طرح کیوں سوتے ہو؟ اُس نے کہا اِس لئے سوتا ہوں کہ اگر آسمان گر پڑے تو اُسے اپنی ٹانگوں پر اُٹھائے رکھوں اور لوگوں کو مرنے سے بچالوں۔ یہ مثال اُس وقت بیان کی جاتی ہے جبکہ کوئی معمولی آدمی کسی بڑی ذمہ داری کو اُٹھانے کا مدعی ہوتا ہے۔ یہ مثال غلط ہے یا صحیح مگر ہمارا حال واقعہ میں دنیاوی رنگ میں یہی ہے۔ وہ ضلالت اور گمراہی کا سمندر جو سب کو بہائے لئے جا رہا ہے اس کے روکنے کے لئے ہم کھڑے ہوئے ہیں۔ پس جہاں پہلے ہی یہ حالت ہو وہاں اگر آپس میں نااتفاقی اور فتنہ ہو تو پھر کس قدر رنج اور افسوس کا مقام ہے۔
آپ لوگوں کو خوب معلوم ہے کہ خطرات کے وقت دشمن اور دوست بھی ایک ہو جاتے ہیں۔ اِسی جنگ میںدیکھو فرانس، روس اور انگلینڈ ایک دوسرے کے پہلو بہ پہلو لڑ رہے ہیں حالانکہ اِن میں مدتوں سے رنجشیں چلی آرہی تھیں۔ اب یہ کیوں اکٹھے ہو گئے ہیں؟ اس لئے کہ ایک عظیم الشان خطرہ سے اِنہیں مقابلہ آپڑا ہے۔ لیکن اگر غور کیا جائے تو اسلام کے لئے اس وقت اِس سے بھی زیادہ خطرہ درپیش ہے اِس لئے اِس کے دور کرنے کے لئے ہمیں تو بہت ہی کوشش کرنی چاہئے اور جو پہلی عداوتیں یا رنجشیں ہوں ان کو بھی بھول جانا چاہئے نہ کہ اَور پیدا کرنی چاہئیں۔
پس اِس بات کو خوب یاد رکھو۔ ہر ایک احمدی کا فرض ہے کہ وہ اپنی زبان اور ہاتھ کو سنبھال کر رکھے اور ایک دوسرے کے ساتھ ایسا تعلق ہو کہ جماعت میں لڑائی اور فساد کا نام تک نہ ہو۔ جب کوئی دیکھے کہ فلاں بات سے فلاں بھائی کی دلشکنی ہوتی ہے تو زبان کو روکے اور ہاتھ کو بند رکھے۔ حضرت مسیح علیہ السلام کہتے ہیںافسوس اُس پر جو دوسرے کیلئے ٹھوکر کا موجب بنتا ہے۔ ۳؎ پس اگر کوئی ایسا کرتا ہے تو اُسے خوش نہیں ہونا چاہئے کیونکہ ایک دن وہ خود ٹھوکر کھائے گا۔
اِس وقت اتحاد اور اتفاق کی سخت ضرورت ہے اِسی کے لئے خدا تعالیٰ نے حضرت مسیح موعود علیہ السلام کو بھیجا۔ پس اب جو اتحاد کو توڑتا ہے وہ گویا مسیح موعود علیہ السلام کی بعثت کو عبث قرار دیتا ہے اور آپ کے کام میں رُکاوٹ ڈالنا چاہتا ہے۔ وہ رُکاوٹ تو نہیں ڈال سکے گا کیونکہ حضرت مسیح موعود علیہ السلام سے خدا تعالیٰ کا وعدہ ہے کہ میں تیری مدد کروں گا، ہاں وہ خود ذلیل اور رُسوا ہو جائے گا۔
اللہ تعالیٰ ہماری جماعت کو سمجھ دے تا ان کے آپس میں ایسے تعلقات اور رشتے ہوں جیسے سگے بھائیوں اور عزیزوں میں ہوتے ہیں بلکہ ان سے بھی بڑھ کر۔ اور خدا تعالیٰ کے احکام کے مقابلہ میں اپنے تمام جوشوں اور خواہشوں کوقربان کرنے کے لئے تیار رہیں تا خدا تعالیٰ کی مدد اور نصرت ان کے ساتھ ہو اور وہ کامیاب ہوں۔
(الفضل ۹،۱۲ جون ۱۹۱۷ئ)
۱؎ تذکرۃ الاولیاء صفحہ ۳۹۰،۳۹۱۔ مطبوعہ کشمیری بازار لاہور
۲؎ بیا: ایک چھوٹی زرد رنگ کی چڑیا جو گھونسلا بنانے میں مشہور ہے۔
۳؎ متی باب۱۸ آیت۷۔ برٹش اینڈ فارن بائبل سوسائٹی لندن ۱۸۸۷ء (مفہوماً)
۶۲
کے معنی
(فرمودہ ۸؍ جون ۱۹۱۷ئ)
تشہد، تعوذ اور سورۃفاتحہ کے بعد حضور نے حسبِ ذیل آیت کی تلاوت کی۔
۱؎
پھر فرمایا:
’’اللہ تعالیٰ کی سنت ہے کہ ہر ایک عظیم تغیر جو دنیا میں کرتا ہے اس سے پہلے اس کا ایک نمونہ پیدا کرتا ہے جیسا کہ اس کی حکمت کاملہ چاہتی ہے تا کہ وہ نمونہ مثال کے طور پر کام آئے اور اس کو دیکھ کر لوگ آئندہ حق کے قبول کرنے کے لئے تیار ہو جاویں۔
جیسا کہ حضرت مسیح موعود علیہ السلام نے لکھا ہے اور خداتعالیٰ کی صفات چاہتی ہیں درحقیقت نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم ہی کامل نبی گزرے ہیں کیونکہ جب کی طرف سے کامل نبی ہو ضرور ہے کہ وہ ساری دنیا کی طرف ہو۔ لیکن لوگوں کو نبوت و رسالت سے آگاہ کرنے کے لئے گاؤں بہ گاؤں نبی بھیجے گئے۔ وہ انبیاء ایک نمونہ تھے۔ لوگوں نے ان پر اعتراض کئے، بحث مباحثے کئے، ان کے مقابلے کئے، اس پر ان کی سچائی کے نشان ظاہر ہوئے اور ان کی تعلیم معلوم ہوئی کہ کیسی ہوتی ہے اور یہ بھی پتہ لگا کہ اس تعلیم کو سمجھنے کے لئے کن کن مسائل کا جاننا اور سمجھنا ضروری ہے۔جب سب قومیں ا ِن باتوں کو جان چکیں تب وہ نبی آیا جو کی طرف سے تمام جہان کے لئے تھا۔ اسی طرح وہ کتاب بھی ایسی لایا جو تمام دنیا کیلئے ایک ہی ہے اور اَبدالآباد تک قائم رہنے والی ہے۔ جس طرح اس خدا کی خدائی کو کوئی نہیں بدل سکتا اِسی طرح آنحضرت ﷺ کو جو خدا کی طرف سے کتاب دی گئی ہے اس کو بھی کوئی نہیں بدل سکتا۔ اور اِسی طرح اس کی نبوت بھی قیامت تک ختم نہیں ہو سکتی بلکہ آپ کے ذریعہ نبوت کا دروازہ کھلا ہے اور ایک ایسا شخص جو خدا کے علم میں اس کا کامل متبع ہو اس کو بھی اس کی اتباع سے نبوت مل سکتی ہے۔
اِن مثالوں کے بیان کرنے یعنی پہلے انبیاء کے بھیجنے میں خداوند کریم کی ایک بہت بڑی حکمت یہ تھی کہ تمام دنیا کے لئے ایک ایسا موعود بھیجا جائے جس کو پہلے انبیاء کے نام دیئے جائیں اور ان سے پہلے انبیاء کے ماننے والوں کو اس کے قبول کرنے میں آسانی ہو کیونکہ انسان کے دل میں جن لوگوں کی عزت ہوتی ہے اگر وہی لوگ آئیں تو بہت خوشی ہوتی ہے لیکن ان کی بجائے خواہ ان سے بڑا بھی آ جائے تب بھی چنداں التفات نہیں کرتے۔
رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کو جو مقام حاصل ہے وہ کسی دوسرے نبی کو حاصل نہیں۔ اگر مسیح موعود علیہ السلام کو یہ درجہ حاصل ہوا تو صرف آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی غلامی سے ہی حاصل ہوا ہے مگر چونکہ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کو گزشتہ انبیاء کے نام نہیں دیئے گئے تھے اس لئے لوگ مسیح وغیرہ کے تو منتظر رہے اور اب بھی ہیں مگر آپؐ کے منتظر نہیں حالانکہ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم سب انبیاء کے موعود ہیں جیسا کہ گزشتہ مذہبی کتب سے ظاہر ہے۔ مگر ہندوؤں میں جس طرح حضرت کرشن کی دوبارہ آمد کا انتظار کیا جاتا ہے اس طرح اس عظیم الشان نبی کا نہیں کیا گیا۔ پھر عیسائی صاحبان جس طرح مسیح کی آمد ثانی کے منتظر ہیں آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کے نہیں تھے۔ تو باوجود اِس کے کہ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم درجہ اور شان کے لحاظ سے تمام انبیاء کے سردار ہیں مگر لوگ آپ کے اس اضطرار سے منتظر نہیں تھے جس طرح ان کو خیال ہے کہ مسیح آئے۔ کیوں؟ اِس لئے کہ مسیحیوں کو حضرت مسیح کے نام سے اور ہندوؤں کو کرشن کے نام سے اور بدھ ازم والوں کو بدھ کے نام سے جو محبت اور اُنس ہے وہ آپؐ سے نہیں۔ کیونکہ مسیحی لوگ حضرت مسیح پر جان دینے کو تیار ہیں، بدھ لوگ حضرت بدھ کے نام پر مر مٹنے پر آمادہ ہیں مگر آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم جو ان سب کی صف میں سب سے آگے ہیں آپ کا ان لوگوں کو خیال تک نہیں۔ اگرچہ اِن لوگوں کی کتب میں آپ کی پیشگوئی مستقل طور پر پائی جاتی ہے مگر چونکہ ان کے مانے ہوئے انبیاء کے نام سے نہیں اس لئے ان کو آپ کا خیال نہیں۔ اب یہ تو ہو نہیں سکتا کہ وہ سب لوگ آئیں جن کے ہر ایک مذہب والے منتظر ہیں اِس لئے خداتعالیٰ نے اپنی مصلحت اور حکمت کے ماتحت ایک ہی شخص کو اِن تمام موعود انبیاء کے نام دے دیئے ہیں تا ہرمذہب والے کو اس کے ماننے اور قبول کرنے میں آسانی ہو۔موعود انبیاء کے نام ایک ہی کو دینے میں یہ حکمت ہے کہ اگر ان لوگوں کو غیر شخص فیصلہ کے لئے دیا جاتا تو وہ اس کوقبول کرنے کو تیار نہ ہوتے لیکن اگر وہی شخص ان کو حَکَم بنا کر دیا جائے جس کو وہ پہلے سے جانتے پہچانتے ہیں اور جس کے نام سے ان کو خاص محبت ہے تو وہ ضرور اس کی طرف توجہ کریں گے۔
پس اگر دیگر مذاہب کے لوگوں کو کہا جائے کہ محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم آ گئے تو وہ توجہ نہیں کریں گے لیکن اگر ہندوؤں کو کہا جائے کہ کرشن آ گئے تو کرشن کے نام کے ساتھ محبت رکھنے والے ہندو فوراً پوچھیں گے کہ کہاں آئے ہیں؟ اسی طرح عیسائی صاحبان کو جب کہا جائے کہ حضرت مسیح آ گئے تو وہ بڑی خوشی سے اس خبر کو سنیں گے اور اس کی تصدیق کی طرف متوجہ ہوں گے۔ کیوں؟ اس لئے کہ انہیں ایک آنے والے کی اِس نام سے خبر دی گئی ہے جس کی غرض یہ تھی کہ آنے والے کے نام سے یہ لوگ فائدہ اُٹھائیں اور حق قبول کریں۔
پس جب دنیا میں ایک عظیم الشان شخص کو پہلے انبیاء کے ناموں کے ساتھ بھیجنا تھا تو ضروری تھا کہ اس کاکوئی نمونہ بھی پیش کیا جاتا تا کہ لوگ اس سے فائدہ اُٹھاتے اور وقت پر لوگ ٹھوکر نہ کھاتے۔ اب چونکہ خداوند کریم ایک ہی شخص کو گزشتہ تمام انبیاء کے نام دے کر اور حَکَم بنا کر بھیجنا چاہتا تھا اِس لئے اللہ تعالیٰ نے اِس کا ایک نمونہ پہلے سے رکھ دیا۔ چنانچہ اللہ تعالیٰ قرآن کریم میں فرماتا ہے۔ اے زکریا! ہم تجھے ایک لڑکے کی خوشخبری دیتے ہیں وہ لڑکا بچپن میں فوت نہیں ہو جائے گا بلکہ زندہ رہے گا اور ہم تجھے ایک اَور خوشخبری بھی دیتے ہیں کہ اس لڑکے میں ایک ایسی بات ہوگی جس میں یہ منفرد ہوگا اور اِس سے قبل کوئی اس بات میں اس کا شریک نہیں ہوگا، وہ یہ کہ وہ ایک نبی کا مثیل ہوگا اور اس سے پہلے اس کی کوئی نظیر نہیں ہے۔ انبیاء مَاسَبَقَ مستقل طور پر نبی تھے کسی نبی کے وہ مثیل نہیں تھے لیکن حضرت یحیؑ جس کو یوحنا بھی کہا جاتا ہے ایک نبی کے مثیل قرار دیئے گئے یعنی حضرت الیاسؑ جس کو ایلیا بھی کہتے ہیں ان کے آپ مثیل تھے۔ حضرت مسیحؑ کے آنے کے متعلق بائبل میں پیشگوئی موجود تھی اور اب بھی ہے کہ وہ نہیں آسکتا جب تک ایلیا آسمان سے نازل نہ ہو۔ لیکن ایلیا نے آسمان سے کیا آنا تھا ایک اور شخص کو خداتعالیٰ نے انہی صفات کے ساتھ جن سے ایلیا متصف تھے حضرت مسیحؑ سے پہلے مبعوث فرما دیا۔
تو حضرت یحییٰ میں ایک ایسی بات رکھی گئی جو آپ سے پہلے کسی نبی میں نہ تھی اور اس سے حضرت یحییٰ کا نام زندہ جاوید ہو گیا۔ کیوں؟ اس لئے کہ آپ حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے لئے ایک دلیل کے طور پر ہوگئے۔ جب مسیح موعود علیہ السلام کی صداقت پیش کی جائے گی تو ضرور حضرت یحییٰ کو نظیر کے طور پر پیش کیا جائے گا اور جب کسی عیسائی کے سامنے یہی یوحنا اور ایلیا کا واقعہ رکھیں گے تو پھر اُس میں تاب نہ رہے گی کہ کچھ بول سکے۔
بہت سے لوگوں نے اس آیت کے معنی کرنے میں ٹھوکر کھائی ہے اور اس سے یہ سمجھا ہے کہ یحییٰ نام پہلے کسی کو نہیں دیا گیا۔ یعنی آپ کا وہ نام رکھا گیا ہے جو آپ سے پہلے کسی نبی یا غیرنبی کا نہیں رکھا گیا حالانکہ یہ بات بِالبداہت تاریخ سے غلط ہے۔ لیکن اگر تسلیم بھی کر لیا جائے کہ آپ سے پہلے اِس نام کا کوئی انسان نہیں ہوا تو یہ کوئی ایسی بات نہیں جسے خداتعالیٰ ایک انعام کے طور پر بیان فرماتا۔پس کے یہ معنی کہ حضرت یحییٰ سے پہلے یحییٰ نام کا کوئی شخص نہیں گزرا غلط ہیں۔ درحقیقت اس کا یہ مطلب ہے کہ حضرت یحییٰ ایک بات میں بے مثل ہیں یعنی اُن کو ایک ایسا کام سپرد کیا گیا ہے جو ان سے پہلے کسی اَور نبی کے سپرد نہیں کیا گیا ۔یعنی ان کو ایک نبی کا نام دے کر اور اُس کا قائم مقام بنا کر بھیجا گیا تا کہ وہ کسی آئندہ آنے والے کے لئے رستہ صاف کریں اور دنیا کے لئے نمونہ ہوں۔
اب جب حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی صداقت کے متعلق ایک عیسائی کے ساتھ بحث ہو اور جب ہم اسے یوحنا کی آمد کی نظیر بتلا کر حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی آمد کی حقیقت بتائیں گے تو ضرور ہی وہ لاجواب ہو جائے گا اور سینکڑوں لوگ اِس بات کے ذریعہ جو حضرت یحییٰ کے ذریعہ مسیح موعود علیہ السلام کی صداقت میں قائم ہوئی ہدایت پا سکیں گے۔
اِس آیت میں جو میں نے پڑھی ہے اللہ تعالیٰ فرماتا ہے کہ یحییٰ میں ایک ایسا کمال رکھیں گے جس کے باعث وہ ایک عظیم الشان انسان کے لئے جو سب نبیوں کا موعود ہوگا بطور مثال پیش کیا جائے گا۔ بنی اسرائیل میں اِس سے قبل ایسی کوئی مثال موجود نہیں تھی ان میں یہ نمونہ قائم فرما دیا اور حضرت مسیحؑ نے فیصلہ کیا کہ ایلیا جو آنے والا تھا وہ یوحنا ہی ہے۲؎ جو اس کے رنگ میں آیا اُسی کو قبول کرو اب حضرت یحییٰ ایک نظیر بن گئے۔ اب حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام کا ذکر ہوگا تو ضرور ہے کہ حضرت یحییٰ کو دلیل اور مثال کے طو رپر پیش کیا جائے اور اس طرح پر وہ زندہ ہیں اور ان کا نام قائم ہے۔ یہ ایک ایسی فضیلت ہے جو حضرت یحییٰ سے پہلے کسی نبی کو نہیں دی گئی۔ یہ ایک ایسی مثال ہے جو بہت چھوٹی ہے کیونکہ حضرت یحییٰ کو صرف ایک نبی کا نام دیا گیا مگر حضرت مسیح موعودعلیہ السلام کو جن کے لئے حضرت یحییٰ ایک دلیل کے طور پر ہیں تمام گزشتہ انبیاء کے نام دیئے گئے۔ زرتشت کے متعلق بھی ان کے محققین کا یہی فیصلہ ہے کہ یہ زرتشت جو مشہور ہے۔ اس کا اصل میں کچھ اَور نام تھا اور اس سے پہلے ایک شخص زرتشت نام گزرا ہے جس کے نام کے ساتھ ہی دوسرا زرتشت جس کا اصل نام مفقود ہو گیا مشہور ہے اور یہ اس کا مثیل ہے۔ تعجب ہے کہ لوگ حضرت یحییٰ کے متعلق اِدھر توجہ نہیں کرتے بلکہ اس کے نام میں خصوصیت تلاش کرتے ہیں حالانکہ کسی نام میں منفرد ہونا کوئی خصوصیت نہیں۔
حضرت مسیح ناصری کی آمد کے لئے نشان تھا کہ وہ نہیں آ سکتے جب تک کہ ایلیا آسمان سے نازل نہ ہو لیکن جب حضرت مسیحؑ آئے اور آپ سے سوال کیا گیا کہ ایلیا کہاں ہے جس نے آپ سے پہلے آسمان سے نازل ہونا تھا؟ تو انہوں نے اِس پیشگوئی کی حقیقت اِس طرح بیان کی کہ یوحنا ہی ایلیا ہے یعنی یہ اُس کے رنگ میں ہو کر آیا ہے اِس کو قبول کرو۔ اِسی طرح حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے متعلق وعدہ تھا کہ مسیح آئے گا۔ لوگوں نے سمجھ لیا کہ مسیح ناصری ہی آئے گا حالانکہ ان کا ایسا سمجھنا غلط تھا۔ کیونکہ اِس پیشگوئی کی حقیقت بھی یہی تھی کہ جس طرح یوحنا کو ایلیا حضرت مسیحؑ نے خود قرار دیا اِسی طرح ان کی پیشگوئی سے بھی کوئی ایسا ہی شخص مراد ہے جس کا نام تو کچھ اَور ہوگا مگر اس کو وہ تمام صفات دے دی جائیں گی۔
لوگوں کو یہ مثال تو بتا دی گئی تھی مگر افسوس انہوں نے اس سے فائدہ نہیں اُٹھایا اور جس طرح اَور حقائق کو بھلا دیا اُسی طرح اِس بات کو بھی فراموش کر دیا۔ بنی اسرائیل کے پاس اس کی کوئی مثال نہیں تھی مگر مسیحی لوگوں اور مسلمانوں کے پاس تو یوحنا کی ذات میں ایلیا کی دوبارہ آمد کی مثال موجود ہے مگر افسوس جب اِس مثال سے فائدہ اُٹھانے کا وقت آیا تو انہوں نے اِس کو فراموش کر دیا۔ بنی اسرائیل تو معذور بھی قرار دیئے جا سکتے ہیں کیونکہ ملاکی نبی کی کتاب میں صاف طو رپر پیشگوئی ہے کہ ایلیا آسمان پر گیا ہے اور آسمان سے ہی آئے گا اور اس کے بعد مسیح مبعوث کیا جائے گا مگر جب ان کو اس کے خلاف ایک ایسے شخص کو جو ان میں ہی پیدا ہوا اور اُنہی میں پرورش پائی اور جس کا نام یوحنا تھا ایلیا کے نام سے موسوم کیا گیا تو وہ حیران رہ گئے۔ لیکن مسلمانوں اور عیسائیوں کے لئے اِس وقت یہ دقت باقی نہیں ہے۔ عیسائیوں کے لئے تو صرف یہ کافی ہے کہ جس طرح یوحنا ایلیا ہے۔ اُسی طرح حضرت مرزا صاحب مسیح ہیں۔ باقی رہے مسلمان سو اِن کے لئے بھی حضرت یحییٰ کی مثال نہایت کارآمد ہے کیونکہ حضرت مسیحؑ کے لئے یہ نہیں آیا کہ وہ آسمان پر گیا ہے اور جب آسمان پر گیا ہی نہیں تو آسمان سے آنا کیسا؟ یہاں صرف نزول کا لفظ ہے اور اِس کے یہ معنی ہرگز نہیں کہ آسمان سے اُترے گا بلکہ یہ عربی کا محاورہ ہے کہ ادنیٰ کے آنے پر خروج کا لفظ اور اعلیٰ کے لئے نزول کا لفظ استعمال کرتے ہیں۔ چنانچہ دجال کے لئے خروج کا لفظ آیا ہے اور مسیح کے لئے نزول کا۔
پس اگر لوگ اِس مثال سے فائدہ اُٹھاتے تو اُن کو حضرت مسیح موعود علیہ السلام جیسی نعمت کے قبول کرنے سے محروم نہ رہنا پڑتا۔پس اِس آیت کے یہی معنی ہیں کہ اس بات میں یحییٰ کا کوئی مثیل نہیں کہ اُن کو ایک ایسا کام سپرد کیا گیا جو کسی اَور کو آپ سے پہلے نہیں سپرد کیا گیا تھا۔ اگر مسلمان اِس حقیقت پر غور کرتے تو ضرور اِن کو ہدایت ہوتی مگر وہ ضد میں آکر حقائق کا انکار کر رہے ہیں۔ اللہ تعالیٰ ان لوگوں کو جو حضرت مسیح موعود علیہ السلام کو قبول نہیں کر سکے سمجھ دے اور ہدایت کی راہیں بتائے۔ (الفضل ۱۶؍ جون ۱۹۱۷ئ)
۱؎ مریم: ۸
۲؎ متی باب ۱۱ آیت ۱۴ برٹش اینڈ فارن بائبل سوسائٹی لندن ۱۸۸۷ء (مفہوماً)
۶۳
حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی کتب پڑھو
(فرمودہ ۱۵؍ جون ۱۹۱۷ئ)
تشہد، تعوذ اور سورۃ فاتحہ کے بعد حضور نے سورۃ الناس کی تلاوت کی اور فرمایا:۔
’’ایک امر جس کے متعلق حضرت مسیح موعود علیہ السلام ہمیشہ زور دیتے تھے میں دیکھتا ہوں کہ اس کی طرف بہت کم توجہ ہے لیکن میں چاہتا ہوں کہ یہاں کی اور باہر کی جماعتیں اِس پر پوری پوری توجہ کریں۔ میری طبیعت کئی دن سے خراب ہے۔ نزلہ سینہ پر گرتا ہے جس سے بخار اور سردرد بھی ہو گیا ہے اور کھانسی بھی ہے۔ اگر اللہ تعالیٰ نے توفیق دی تو میرا ارادہ ہے کہ اِس مضمون کو کئی حصوں میں تقسیم کر کے آئندہ مفصل بیان کروں لیکن اِس وقت میں جماعت کو اِدھر متوجہ کرنا چاہتا ہوں اور مختصراً اِس بات کو بیان کر دیتا ہوں۔
حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے آنے کی غرض یہ ہے کہ وہ نور اور ہدایت جو لوگوں کو خداوندکریم کی طرف سے دیا گیا تھا اور جس سے وہ ناواقف ہونے کی وجہ سے دشمنوں کا شکار ہو جاتے تھے دوبارہ دیا جائے۔ اسلام کو جو ضعف پہنچا ہے وہ نہ صرف اس لئے کہ مسلمانوں میں علم کی کمی ہے بلکہ اِس لئے بھی کہ ان میں روحانیت کی بھی جو اسلام کی جان ہے کمی ہوگئی ہے۔ پس جب مسلمانوں میں نہ اسلام کی حقیقت کے سمجھنے کا علم ہے نہ روحانیت تو اگر وہ غیروں کا شکار ہوں یا دوسروں کی طرف جھکنے لگیں تو کوئی تعجب کی بات نہیں۔
حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام فرمایا کرتے تھے کہ میرے آنے کی غرض یہ ہے کہ ان صداقتوں کی طرف لوگوں کومتوجہ کروں جو اسلام میں پائی جاتی ہیں اِسی لئے آپ بار بار اپنی کتب کے پڑھنے اور کثرت کے ساتھ قادیان آنے پر زور دیا کرتے تھے۔ مگر بہت سے لوگ ہیں جو کتب نہیں پڑھ سکتے ان کے لئے قادیان آنا اس لئے بہت زیادہ مفید ہے کہ یہاں پر زبانی طو رپر ان کو کامل علم ہو جائے۔ لیکن جو لوگ کتب پڑھ سکتے ہیں وہ کتابوں کو بھی پڑھیں اور قادیان بھی آئیں کیونکہ اکثر مضامین تحریر میں اختصار کے ساتھ لکھے جاتے ہیں لیکن زبانی طور پر تفصیل سے بیان ہوتے ہیں۔
اللہ تعالیٰ نے جس قدر حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام پر افضال و انعام اور معارف اور حقائق کھولے ہیں اور جو صداقتیں اسلام میں پائی جاتی ہیں وہ آپ کی کتب میں موجود ہیں۔ اور اللہ تعالیٰ نے اِس وقت اسلام کی حفاظت کا یہی انتظام فرمایا ہے کہ حضرت مسیح موعود علیہ السلام کو مبعوث فرمایا اور آپ پر اپنے انعامات کے دروازے کھول دیئے۔ پس بغیر اِن کتب کو بار بار پڑھنے اور قادیان میں کثرت سے آنے کے ایمان کامل نہیں ہو سکتا۔ جو لوگ سلسلہ کی کتب کو نہیں پڑھتے وہ یاد رکھیں کہ محض سلسلہ میں داخل ہو جانا کوئی بات نہیں جب تک کہ سلسلہ سے کماحقہٗ واقفیت نہ ـپیدا ہو۔ مثلاً کوئی شخص کسی ایسے اعلیٰ درجہ کے مکان میں داخل ہو جس کی کوئی نظیر نہ ہو مگر داخل ہوتے ہی آنکھیں بند کر لے تو ہر ایک شخص سمجھ سکتا ہے کہ وہ اس مکان کی خوبصورتی کو نہ تو دیکھ سکتا ہے اور نہ اس سے کچھ لطف اُٹھا سکتا ہے۔ یا اسی طرح کوئی نہایت ہی اعلیٰ درجہ کا لیمپ ہو اُس کی روشنی سے ایک ایسا شخص تو فائدہ اُٹھا سکے گا جو اُس سے بہت فاصلہ پر ہو مگر وہ کوئی فائدہ نہیں اُٹھا سکتا جو قریب بیٹھا ہو۔ اگر اپنی آنکھیں بند کرلے ایسا انسان تو خواہ اپنا منہ لیمپ کے اندر بھی لے جائے تو بھی اس کی روشنی سے کچھ فائدہ نہیں اُٹھا سکتا۔ یہی حال ہے ایسے انسان کا جو سلسلہ میں تو داخل ہو مگر اپنی آنکھوں سے کام نہ لے اور ان معارف اور حقائق کو نہ دیکھے جو خداتعالیٰ نے اس سلسلہ میں رکھے ہیں کیونکہ اُس وقت تک کسی خدائی سلسلہ میں داخل ہونا یا امام اور خلیفہ کی بیعت کرنا کوئی بات نہیں جب تک کہ آنکھوں کو کھول کر ان صداقتوں سے فائدہ نہ اُٹھایا جائے جو اس سلسلہ کے امتیازات ہوں اور ان باتوں سے واقف نہ ہو جائیں جو اس میں موجود ہوں۔
بعض لوگ کہتے ہیں کہ اپنے مخالفین سے نہ ملو میرے نزدیک یہ غلط ہے۔ ان کو سمجھانے اور حق پہنچانے کے واسطے تو ملو لیکن اس غرض سے نہ ملو کہ تم ان سے کسی قسم کا کوئی فائدہ حاصل کرنے کی توقع یا امید رکھو۔ جو لوگ یہ طاقت رکھتے ہوں کہ ان کو سمجھا سکیں اور ان کے اعتراضات کا جواب دے سکیں وہ ضرور ملیں کیونکہ ان کا فرض ہے کہ انہیں حق پہنچائیں۔ ایسے لوگوں کا اپنے مخالفین سے نہ ملنا اپنے ایمان کی حفاظت کرنا نہیں ہے اور نہ اس طرح ایمان کی حفاظت ہو سکتی ہے بلکہ ایمان کی حفاظت اپنے مذہب سے پورا واقف ہونے اور اپنے دعاوی کے ثبوت میں دلائل رکھنے سے ہوتی ہے۔ دیکھو اگر ہم غیر احمدیوں اور غیر مبائعین سے ملنا چھوڑ دیں تو ان لوگوں کو حق کس طرح معلوم ہو اور ہماری جماعت کس طرح ترقی کرے۔ لیکن ملنا اُس وقت مفید ہو سکتا ہے جبکہ ملنے کی طاقت بھی ہو۔ ورنہ وہ شخص جو چارپائی سے بھی نہ اُـٹھ سکتا ہو وہ کسی زور آور کا کیا مقابلہ کرسکے گا۔ یا وہ شخص جس کا جسم زخموں سے چھلنی ہو وہ میدان میں نکل کر کیا بہادری دِکھلائے گا۔ ایسے آدمی کا تو میدان میں جانا دشمن کو نقصان پہنچانے کی بجائے اپنی جان کو نقصان پہنچانا ہے۔ پس دشمن سے مقابلہ کرنے سے پہلے اپنے اندر طاقت اور قوت پیدا کرنی چاہیے اور پھر مقابلہ کے لئے نکلنا چاہیے۔
ہماری جماعت کے لوگوںکو اپنے مخالفین سے مقابلہ کرنے کیلئے حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام کی کتب پڑھنی چاہئیں۔ قرآن کریم اور احادیث نبویہ کا مطالعہ کرنا چاہیے اور اَور کتب جو یہاں سے کسی کے مقابلہ میں لکھی جاتی ہیں ان کو پڑھیں اور نہ صرف پڑھیں بلکہ ان کو غور سے پڑھ کر ان کے حقائق کو از بر کریں پھر میدان میں نکلیں اور غیروں کو سمجھانے کی کوشش کریں۔ یہ نہیں ہونا چاہیے کہ اپنی کتب کو پڑھا ہی نہ جائے، ان کے حقائق اور معارف سے واقفیت ہی نہ ہو اور اپنی کمزوری کو چھپانے کے لئے غیروں سے مقابلہ کرنے کے لئے ہی نہ نکلیں۔ ایسے لوگوں کو فوراً اپنے اس نقص کو دور کرنا چاہیے اور حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی کتب کو پڑھنا اور ان سے واقف ہونا چاہیے کیونکہ ہر ایک شخص کا فرض ہے کہ پہلے وہ خود اپنے مذہب کو سمجھے اور اس کی سچائی کے دلائل معلوم کرے پھر کسی دوسرے کے سامنے رکھے۔ اور یہی وہ طریق ہے جو صداقت کے پھیلانے کا موجب ہو سکتا ہے۔ اگر تمام لوگ اس کو عمل میں لاتے تو کبھی یہ اختلاف جو تمام مذاہب میں پایا جاتا ہے نہ پیدا ہوتا لیکن افسوس کہ اکثر ایسا نہیں کرتے۔ اگر کوئی شخص اپنے طو رپر نہ سمجھ سکے تو اس کا فرض ہے کہ دوسروں سے جو دین سے واقف ہیں دریافت کرے نہ یہ کہ سمجھنے کی کوشش ہی نہ کرے۔ پس تم لوگ خود سمجھو اور دوسروں سے دریافت کرو اور پھر غیروں کو سمجھاؤ۔
پس دین سے پوری پوری واقفیت خوب توجہ سے اور نہایت جلد پیدا کرو اور سب کے سب دنیا کے سامنے پیش کرنے کے لئے اُٹھ کھڑے ہو۔ جب تک اِس طرح نہ ہوگا تمام جہان پر صداقت نہ پھیل سکے گی۔ لیکن اگر کسی سے نہیں ملو گے اور اس کے سامنے حق نہ رکھو گے تو بتلاؤ کہ ہماری جماعت کس طرح بڑھے گی؟کیا اگر ہمیں یہی خوف دامن گیر رہے کہ کہیں سکھ نہ مقابلہ پر آجائیں، آریوں سے مقابلہ نہ ہو جائے، غیر احمدی یا عیسائیوں وغیرہ سے مقابلہ نہ ہو جائے تو کیا اِس طریق سے اسلام کی صداقت دنیا میں پھیل سکتی ہے؟ ہرگز نہیں۔ بلکہ اس کا نتیجہ یہ ہوگا کہ تمہاری ترقی بند ہو جائے گی اور جب ترقی بند ہوئی تو گویا جماعت کا خاتمہ ہوگیا کیونکہ ترقی کے رُکنے کا لازمی نتیجہ یہی ہوتا ہے۔ لیکن میں دیکھ رہا ہوں کہ بعض لوگوں میں یہ کمزوری پائی جاتی ہے۔ ہمارے مخالفین کا کام اسلام کے متعلق لوگوں کے دلوں میں شکوک پیدا کرنا اور وسوسے ڈالنا ہے اور کسی بات کے متعلق شکوک و شبہات پیدا کرنا یا اس میں نقص نکالنا کوئی بڑا کام نہیں۔ مثلاً ہر ایک شخص روٹی کو دیکھ کر یہ تو کہہ دے گا کچی ہے یا ٹیڑھی ہے یا جلی ہوئی ہے مگر یہ نہیں کر سکے گا کہ خود بھی روٹی پکا کر دکھاوے۔ پس وسوسہ ڈالنا کوئی مشکل نہیں ہاں اس کے مقابلے میں کچھ کر کے دکھانا ایک کام ہے۔
خداتعالیٰ نے سورۃ النّاس میںتین صفاتِ الٰہیہ سے پناہ منگائی ہے اور اس طرح یہ بھی بتایا گیا ہے کہ وسوسہ کے دور کرنے میں کونسی صفات کام کرتی ہیں۔ پس پہلے ان صفات کو اپنے اندر جلوہ گر کرو اور پھر وساوس اور شکوک کے دور کرنے کے لئے نکلو۔پہلے ربوبیت ہو یعنی انسان آہستہ آہستہ ترقی کرتا اور بڑھاتا جائے۔ جس طرح ربّ کے معنی ہیں بتدریج ترقی دینے والا۔ اسی طرح جب انسان صفتِ ربوبیت کو اپنے اندر پیدا کر لے گا تو یہ بھی اپنے علم کو آہستہ آہستہ ترقی دیتا جائے گا۔ پھر ربوبیت سے بڑھ کر مالکیت ہے۔ جس طرح بادشاہ فیصلہ کرتا ہے اسی طرح تم بھی خدا کی صفتِ مالکیت کے فیضان کو اپنے اوپر جاری کرو اور فیصلہ کرنے کی قوت اپنے اندر پیدا کرو۔ اس کے بعد صفتِ الوہیت کی چادر کو اپنے اوپر لے لو۔ جب یہ حالت ہو جائے گی تو پھر کوئی مخالف طاقت اثر نہ کر سکے گی بلکہ فرمانبرداری کرنے پر مجبور ہوگی۔
عیسائیوں نے اِس حقیقت کو نہ سمجھنے کے سبب سے حضرت مسیحؑ کو خدا اور خدا کا بیٹا کہہ دیا حالانکہ اِس وجہ سے اگر یہ درجہ کسی انسان کو دیا جا سکتا تو وہ آنحضرت ﷺ ہوتے کیونکہ آپ پر شیطان کا کوئی اثر نہ ہو سکتا تھا۔ یہی وجہ ہے کہ آپ نے فرمایا۔ میرا شیطان مسلمان ہو گیا ہے۔ ۱؎ پس یہ تیسرا کمال کا درجہ ہے اور یہاں شیطان کا کوئی داؤ کام نہیں کر سکتا اور وہ کوئی وسوسہ نہیں ڈال سکتا بلکہ خود اس کو ایسے انسان کی فرمانبرداری کرنی پڑتی ہے۔ نبی کریم ﷺ خدا نہیں تھے مگر آپ نے صفتِ الوہیت کو اپنے اندر اِس قدر لیا کہ خداتعالیٰ نے بھی کہہ دیا۔ ْ۲؎ کہو اے میرے بندو! یا ۳؎ اگر خدا سے محبت کرتے ہو تو میری اتباع کرو۔ پس رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم اِس قدر اِس صفت میں رنگین ہوئے کہ آپ کے متعلق یہ الفاظ کہہ دیئے گئے۔ یہ اِسی لئے تھا کہ آپ نے الوہیت کی چادر کو اپنے اوپر لے لیا۔غرض وسواس سے بچنے کے لئے اللہ تعالیٰ نے یہ ذرائع بتائے ہیں۔ اوّل علم حاصل کرنا۔ دوسرے فیصلہ کی طاقت پیدا کرنا۔ جب یہ دونوں باتیں پیدا ہو جائیں تو پھر الوہیت کا پَرتو پڑنا شروع ہو جاتا ہے اور اُس وقت وسواس اثر نہیں ڈال سکتے۔
پس خوب یاد رکھو کہ مقابلہ کے لئے سامنے نکلے بغیر کبھی کامیابی نہیں ہوا کرتی۔ جو لوگ مقابلہ سے جی چراتے ہیں وہی شکست کھاتے ہیں اور ایک دفعہ مقابلہ سے خوف کھانے سے آئندہ حوصلے پست ہو جاتے ہیں۔حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام نے ایک دفعہ رؤیا دیکھی کہ مولوی عبداللہ صاحب امرتسری (غزنوی) ایک چار پائی پر بیٹھے ہیں آپ بھی اُسی پر بیٹھ گئے۔ مولوی صاحب ذرا آگے سرک گئے۔ حضرت صاحب اَور آگے ہوگئے۔ اِسی طرح ہوتے ہوتے آخر مولوی صاحب نیچے ہو بیٹھے اور حضرت صاحب کے لئے چارپائی خالی چھوڑ دی۔ ۴؎ تو جو مرکز کو چھوڑ دے گا اور پیچھے ہٹے گا ضرور ہے کہ وہ شکست کھائے۔ یہ بڑی کمزوری کی علامت ہے۔ اگر کہا جائے کہ دشمن سے نہ ملو، اگر تم کو سلسلہ سے پورے طور پر آگاہی ہوگی اور تم اسلام سے اچھی طرح واقف ہوگے تو پھر دشمن میں کہاں طاقت ہے کہ تمہارے دل پر شکوک ڈال سکے۔ اور اسلام تو کہتا ہے ۔۵؎ اے مسلمانو! تمہاری غرض یہی ہے کہ تم میدان میں نکلو۔
پس جن لوگوں نے اب تک اِس طرف توجہ نہیں کی اُن کا فرض ہے کہ وہ دین سے واقفیت پیدا کریں۔ اللہ تعالیٰ اپنی توفیق ہمارے شامل حال کرے اور ہمیں ان علوم اور انوار کا وارث کرے جو حضرت مسیح موعود علیہ السلام کو اُس نے اپنے فضل سے عطا فرمائے ہیں تا کہ دنیا میں ہدایت اور نور پھیلے۔ آمین ثم آمین
(الفضل ۱۹ـ؍ جون ۱۹۱۷ئ)
۱؎ صحیح مسلم کتاب صفات المنافقین و احکامھم باب تحریش الشیطان وان مع کل انسانٍ قریْنًا
۲ــ؎ الزمر: ۵۳ ۳؎ ال عمران: ۳۲
۴؎ تذکرہ صفحہ ۲۹۔ ایڈیشن چہارم
۵؎ اٰل عمران: ۱۱۱
۶۴
اختیاری امتحانوں میں پورے اُترو
(فرمودہ ۲۲؍ جون ۱۹۱۷ئ)
تشہّد، تعوذ اور سورۃ فاتحہ کے بعد حضور نے مندرجہ ذیل آیت کی تلاوت کی:۔
۱؎
اور فرمایا:۔
’’خدا تعالیٰ کی طرف سے بندہ کی آزمائش کے لئے دو قسم کے امتحان ہوتے ہیں۔ ایک وہ جن میں بندہ کا اپنا دخل ہوتا ہے اور دوسرے وہ جن میں بندہ کا دخل نہیں ہوتا بلکہ ان امتحانات کا تمام سامان خداتعالیٰ کی طرف سے کیا جاتا ہے۔ جو امتحانات بندہ کے اختیار میں ہیں ان میں اس کی ہمت کا اُسے ثواب ملتا ہے اور جو امتحانات خداتعالیٰ نے اپنے ہاتھ میں رکھے ہیں ان میں انسان کو صبر کا ثواب ملتا ہے۔
انسان کے ہاتھ میں جو امتحانات ہیں وہ نماز، روزہ، حج، زکوٰۃ، صدقہ و خیرات اور دین کی خدمت ہے۔ اگر دشمن تلوار سے اسلام کو مٹانا چاہے تو تلوار سے اور اگر مال سے نقصان پہنچانا چاہے تو مال سے اور اگر قلم و زبان سے حملہ آور ہو تو قلم و زبان سے اُس کا مقابلہ کیا جائے۔ اِن امتحانوں میں بہت سی سہولتیں ہیں اور انسان ان میں بہت سی آسانیاں پیدا کر لیتا ہے مثلاً نماز اگر اس کے پڑھنے کے لئے ٹھنڈے پانی سے وضو کرنے میں تکلیف ہو تو گرم پانی استعمال کر لیتا ہے، اگر جسم کو سردی کی تکلیف ہو تو گرم کپڑے پہن لیتا ہے یا اگر گرمی کے باعث چھت کے نیچے نہ کھڑا ہوا جاتا ہو تو میدان میں کھڑاہو جاتا ہے، اگر زمین تپی ہوئی ہو تو نیچے کپڑا بچھا لیتا ہے، اگر کھڑا ہونے سے تکلیف ہو تو بیٹھ کر اور اگر بیٹھ کر تکلیف ہو تو لیٹ کر پڑھ لیتا ہے۔ غرض اس صورت میں انسان اپنی تکلیف کے دور کرنے کے لئے بہت سی آسانیاں پیدا کر سکتا ہے۔ اِسی طرح روزہ کا امتحان ہے وہ بھی بندہ کے ہاتھ میں دیا گیا ہے اس میں بھوک پیاس لگتی ہے اس کے لئے سحری کے وقت ایسی غذائیں استعمال کر سکتا ہے جو تمام دن معدہ میں رہیں یا ایسے کام ترک کر سکتا ہے جن سے بھوک یا پیاس لگے۔ اِسی طرح حج ہے اس کے لئے فرصت کا وقت تجویز کر سکتا ہے، سفر کے ایسے سامان بہم پہنچا سکتا ہے جو آرام کا موجب ہوں اور سواری میں اونٹ پسند نہیں تو گھوڑے پر سفر کر سکتا ہے۔ ریل بھی ہے اور ریل نہ ہو تو امراء پالکیاں اور نالکیاں بہم پہنچا لیا کرتے ہیں۔ غرض سفر کو آسانی سے طَے کرنے کے لئے جو سامان چاہیے استعمال کر سکتا ہے۔ زکوٰۃ کا بھی یہ حال ہے ایک مقررہ رقم ہے اور جس قسم کی چیزیں ہوں انہی میں سے زکوٰۃ دی جا سکتی ہے۔ پھر یہ نہیں کہ ایک ہی دفعہ دے دی جائے بلکہ واجب زکوٰۃ سال کے اندر اندر دی جا سکتی ہے غرض کئی قسم کی اَور بھی سہولتیں پیدا کی جا سکتی ہیں۔
پس نماز میں بھی سہولتیں ہیں، روزہ میں بھی ، حج میں بھی اور زکوٰۃ میں بھی۔ جہاد میں بھی سہولتیںپیدا کی جا سکتی ہیں۔ پیدل کام نہ ہو سکے تو سوار ہو جاؤ، زِرہ پہن لو، ہتھیار جس قدر نَوایجاد اور حفاظت کیلئے ضروری ہوں سب سے کام لیا جا سکتا ہے۔ اور اگر تلوار سے جہاد کا وقت نہ ہوتو اس وقت جس طریق سے دین کی خدمت کی ضرورت ہو اس طرح کر سکتا ہے یعنی اگر لکھنا جانتا ہے تو قلم سے اگر بولنا جانتا ہے تو زبان سے کام کر سکتا ہے، اموال خرچ کر سکتا ہے۔
یہ امتحان اس لئے ہیں کہ جو انسان اِن کو پورا کر لیں وہ ان امتحانوں سے بچائے جائیں جو خدا نے اپنے ہاتھ میں رکھے ہیں اور ان میں انسان کا کوئی دخل نہیں۔ مثلاً مَری پڑے اور تمام بچے ہلاک ہو جائیں، بے وقت بارشیں ہوں یا حد سے زیادہ ہوں اور کھیت کے کھیت تباہ ہو جائیں اور متواتر کئی سال تک ایسا ہی ہوتا رہے یا تجارت کرتا ہو اور اس میں گھاٹا پڑ جائے۔ اسی طرح کے اَور امتحان بھی ہیں جن میں انسان کا اپنا کوئی دخل نہیں ہوتا۔ انسان کسی ایسی بیماری میںمبتلا ہو جاتا ہے کہ جس میں کسی پہلو سے آرام نہیں آتا لیکن اگر وہ باتیں جو انسان کے اختیار میں رکھ دی گئی ہیں ان کو پورا کر دیا جائے تو وہ ایسے ابتلاؤں کے لئے بطور کفّارہ کے ہو جاتی ہیں لیکن اگر ان کو پورا نہ کرے تو پھر ایسے مصائب میں ڈالا جاتا ہے جن سے بچنا محال ہو جاتا ہے۔ مثلاً جہاد کے لئے مال خرچ کرنا پڑتا ہے، وقت صرف ہوتا ہے اور محنت اور کوشش کرنی پڑتی ہے مگر جب کوئی شخص اس راہ میں باوجود اِس قدر آسانیاں پیدا کر دینے کے خود بخود قدم نہیں اُٹھاتا تو پھر اس کو ایسی تکلیف دی جاتی ہے اور ایسے امتحان میں ڈالا جاتا ہے کہ جس میں نہ اس کا کوئی دخل ہوتا ہے اور نہ اس سے بچنے کے لئے کوئی آسانی پیدا کر سکتا ہے۔
ہم دیکھتے ہیں جو انسان اپنے لئے خود کوئی تکلیف یا امتحان تجویز کرتا ہے وہ اگر زیادہ بھی ہو تو بھی برداشت کر لیتا ہے۔ مثلاً کسی شخص کے پاس سَو روپیہ ہو اور وہ اس میں سے دس روپے صدقہ کر دے تو اس کو کوئی تکلیف نہیں ہوگی مگر جب اس کے دس روپے گر جائیں یا کوئی اس سے چھین لے تو اس کو سخت رنج اور تکلیف ہوگی۔ کیوں؟ اس لئے کہ پہلے دس اس نے خود صدقہ کئے اور دوسرے اس کی مرضی کے خلاف اس کے ہاتھ سے گئے۔ یا مثلاً ایک شخص اپنی جان خدا کی راہ میں دیتا ہے مگر ایک دوسرا خدا کی راہ میں جان دینے سے جی چرا کر اپنے گھر میں بیٹھ رہتا ہے۔ مگر کوئی مصیبت آتی ہے اور اس کی جان لے کر جاتی ہیـ۔ اب مرنے کو تو دونوں مَر گئے۔ وہ بھی جو خدا کی راہ میں مَرا اور وہ بھی جو گھر بیٹھ کر مَرا لیکن ان دونوں کے مَرنے کے وقت ایک سی حالت نہیں ہو سکتی۔ وہ جو خدا کی راہ میں خود قدم بڑھاتا ہے وہ خوشی سے اپنی جان دیتا ہے کیوں؟ اس لئے کہ پہلا شخص خود اپنے لئے خدا کی راہ میں جان دینا تجویز کرتا ہے اس لئے اس کو تکلیف نہیں خوشی ہوتی ہے اور دوسرا شخص چونکہ خدا کی گرفت میں آ کر جان دیتا ہے اس لئے وہ زیادہ تکلیف محسوس کرتا ہے۔ اسی طرح ایک ایسا شخص جو نماز تہجد کے لئے سردی کی راتوں میں اُٹھتا اور دو تین گھنٹہ آہ و زاری میں لگا رہتا ہے اس کے جسم کو بھی تکلیف پہنچتی ہے مگر وہ اس کی کوئی تکلیف محسوس نہیں کرتا کیونکہ وہ جانتا ہے کہ اس کا یہ تکلیف اُٹھانا خدا کی رضا کے لئے ہے اور اس نے اپنے لئے خود تجویز کی ہے مگر اس کے مقابلہ میں وہ شخص جو کسی مصیبت کے باعث روتا ہے اس کا دل مَر جاتا ہے، وہ سخت کرب اور دکھ محسوس کرتا ہے اِن دونوں کا فرق ظاہر ہے۔ پہلا خدا کی راہ میں خوشی سے خود تکلیف برداشت کرتا ہے اور دوسرا اس تکلیف کو برداشت کرنے کے لئے تیار نہیں ہوتا اس لئے اس کو وہ تکلیف بہت زیادہ محسوس ہوتی ہے۔ ہاں جو شخص خدا کی بھیجی ہوئی مصیبتوں اور ابتلاؤں پر صبر کرتا ہے وہ بھی ثواب کا مستحق ہو جاتا ہے۔ پہلا جو ہے اُس کو تو دُہرا ثواب ملتا ہے ایک اس لئے کہ اس نے خدا کی راہ میں خود خرچ کیا اور تکلیف اُٹھائی اور دوسرے یہ کہ اس تکلیف کو خوشی سے برداشت کیا۔ دوسرا شخص اگرچہ خود تو خدا کی راہ میں خرچ نہیں کرتا اور نہ خود خدا کی راہ میں تکلیف اُٹھاتا ہے مگر جب خدا خود اس کا امتحان لیتا ہے تو پھر صبر و شکرکو نہیں چھوڑتا اس لئے اس کو بھی ثواب ملتا ہے مگر پہلے سے آدھا۔
اگرچہ وہ لوگ بھی جو ان ابتلاؤں اور امتحانوں کو اپنے اوپر جاری کر لیتے ہیں جو خدا نے انسان کے ہاتھ میں رکھے ہیں بعض اوقات ان ابتلاؤں میں ڈالے جاتے ہیں جو خدا کے ہی اختیار میں ہیں اورانسان کا ان میں کچھ بھی دخل نہیں۔لیکن یہ جو ان کے لئے اس قسم کے ابتلاء بھیجے جاتے ہیں تو ان سے یہ ہرگز غرض اور غایت نہیں ہوتی کہ وہ ہلاک کر دیئے جائیں بلکہ ان ابتلاؤں سے اُن لوگوں کی روحانی نشوونما اور درجات میں ایک دوسرے پر تفوق ظاہر کیا جاتا ہے کیونکہ اختیاری امتحانوں میں تو وہ سب برابر ہوتے ہیں پھر ایسے امتحانوں میں جو بڑھ کر صبر اور شکر دکھاتے ہیں ان کے درجات بلند کئے جاتے ہیں۔
اِس آیت شریفہ میں اللہ تعالیٰ فرماتا ہے ۔اے مؤمنو! تم پر روزے اسی طرح فرض کئے گئے ہیں جس طرح تم سے پہلوں پر فرض کئے گئے۔ تم یہ نہ سمجھنا کہ یہ کوئی نئی بات ہے۔ نئی نہیں۔ اس پر کہا جا سکتا تھا کہ ہم مانتے ہیں پہلے لوگوں پر روزے فرض تھے اور انہوں نے اس بوجھ کو اُٹھایا تھا لیکن انہوں نے غلطی کی تھی ہم پر یہ بوجھ نہ ڈالا جائے اگر پہلوں پر ڈالا گیا اور انہوں نے اُٹھا لیا تو یہ اُن کی بے عقلی تھی۔ اِس کے متعلق فرمایا دیکھو! یہ نہ پہلوں پر بوجھ تھا نہ ان کو مجبور کیا گیا تھا اور اب نہ تم پر بوجھ ہے اور نہ تم کومجبور کیا جاتا ہے بلکہ اِس کی غرض یہ ہے کہ تم اس آفت سے بچ جاؤ جو لوگوں پر ان کی ہلاکت اور تباہی کے لئے اُس وقت آتی ہے جب وہ خدا کی طرف سے بالکل غافل اور بے پرواہ ہو جایا کرتے ہیں۔
پس یہ ہرگز مت سمجھو کہ تم پر کوئی بوجھ لادا گیا ہے ہرگز نہیں بلکہ یہ تو تمہارے ہی فائدہ کے لئے ہے۔ اس سے بتلایا گیا ہے کہ روزے ان ابتلاؤں میں سے ہیں جن کا ہلکا اور آسان کرنا بندہ کے اختیار میں ہے۔ جو لوگ اس ابتلاء میں پورے اُترتے ہیں وہ جسمانی اور روحانی کئی قسم کے ایسے ابتلاؤں سے بچ جاتے ہیں جو ان ابتلاؤں کو پورا نہ کرنے کی صورت میں لازمی ہوتے ہیں۔ اللہ تعالیٰ فرماتا ہے کہ روزے اس حکمت کے لئے ہیں کہ تم سخت اور ہلاک کرنے والی آزمائشوں سے بچ جاؤ لیکن جو انسان ان امتحانوں کو اپنے اوپر جاری نہیں کرتا اُس پر خود خداتعالیٰ اپنے امتحان بھیجتا ہے جن کے سامنے وہ کچھ نہیں کر سکتا۔ دیکھو ایک استاد کبھی طالبعلم کو کہتا ہے کہ اپنے کان کھینچو یا اپنے منہ پر آپ تھپڑ مارو۔ اگر طالبعلم اپنے منہ پر آپ تھپڑ مار لے تب تو خیر لیکن اگر خود تھپڑ مارنے یا خود کان کھینچنے سے انکار کر ے تو پھر استاد مارتا ہے اور یہ ظاہر ہے کہ استاد وہ نرمی روا نہیں رکھے گا جو خود طالبعلم اپنے اوپر روا رکھ سکتا تھا۔ اِسی طرح جو لوگ ان ابتلاؤں کی پرواہ نہیں کرتے جو خدا نے انسان کے ہاتھ میں چھوڑے ہیں تو پھر خدا کی طرف سے ایسے ابتلاء آتے ہیں جن سے ہلاک کئے جاتے ہیں۔
میں اپنی جماعت کے لوگوں کو اِس طرف متوجہ کرتا ہوں کیونکہ میں دیکھ رہا ہوں کہ بہت سے لوگ اِس سے غافل ہو چکے ہیں۔ اُن کو معلوم ہو کہ خدا کا غضب بھڑکا ہوا ہے اور حضرت صاحب نے لکھا ہے کہ اِس زمانہ میں خدا کا غضب ایسا بھڑکا ہے کہ پہلے کبھی ایسا نہیں بھڑکا تھا وہ چاہتا ہے کہ جلا کر خاکستر کر دے مگر بندوں کو پھر بھی مہلت دے رہا ہے۔ پس حضرت صاحب نے کچھ محنتیں اور کام اشاعت دین کے لئے مقرر فرمائے ہیں جو لوگ ان کو پورا کریں گے وہ خدا کے غضب سے بچ جائیں گے لیکن جو اِس میں سستی کریں گے وہ خدا کے اس غضب سے بچ نہیں سکتے جو وہ نازل کرنا چاہتا ہے۔
ہماری جماعت کے لوگوں کو چاہیے کہ اس سے بچنے کے لئے خاص طور پر توجہ کریں۔ ان میں جس قدر وہ سہولتیں بہم پہنچانا چاہیں بہم پہنچا سکتے ہیں۔ اگر وہ اِس وقت توجہ نہیں کریں گے تو پھر دوسری قسم کے ابتلاء میں ان کی کچھ پرواہ نہیں کی جائے گی اگر وہ اِس وقت مال خرچ نہیں کریں گے تو خداتعالیٰ ان پر ایک ایسا وقت لائے گا کہ اُن کے بیوی بچوں کے لئے بھی کچھ نہیں چھوڑے گا۔ بعض لوگوں کی حالت یہ ہے کہ موجودہ شرح چندہ کو اپنے لئے ایک مصیبت قرار دیتے ہیں ہاں بہت سے ایسے بھی ہیں کہ اگر ان کو تین پیسہ فی روپیہ کہا جائے تو وہ چار پیسہ دینے کیلئے تیار رہتے ہیں اور خوش ہوتے ہیں۔ لیکن جو ایسے نہیں ان کو سمجھ لینا چاہیے کہ جس قدر زیادہ وہ اپنے طور پر دیں گے اُسی قدر اُن کے لئے فائدہ مند ہوگا۔ اور اگر وہ نہیں دیں گے تو خدا اُن سے جبراً چھین لے گا اور وہ کچھ نہیں کر سکیں گے۔ مثلاً بچہ کو جب دوائی دی جاتی ہے اور وہ نہیں پیتا تو اُس کے منہ میں چمچہ ڈال کر زبردستی اُس کے گلے سے نیچے اُتاری جاتی ہے۔ غرض خداتعالیٰ چاہتا ہے کہ سب لوگ کچھ نہ کچھ دین کی خدمت کریں جو نہیں کریں گے اُن کے مال ضائع جائیں گے۔ اُس وقت ان کو اس امر کی خوشی نہ ہوگی کہ خدا کی راہ میں کچھ خرچ کیا ہے مگر پھر وہ ایسے ابتلاؤں میں ڈالے جائیں گے جن میں پڑ کر انجام اچھا نہیں ہوتا۔
خداتعالیٰ ہمیں توفیق دے کہ ہم اس کے ان ابتلاؤں کو جو ہمارے اختیار میں ہیں بجا لائیں تا اُن چیزوں کے وارث ہوں جو خدانے اپنے بندوں کے لئے رکھی ہیں۔ اور وہ ہمیں اپنے غضب سے بچائے کہ اُس کے غضب کا کوئی مقابلہ نہیںکر سکتا۔ (الفضل ۳۰؍ جون ۱۹۱۷ئ)
۱؎ البقرۃ: ۱۸۴
۲؎ نالکیاں: نالکی کی جمع۔ ایک قسم کی پالکی
۶۵
خلفاء کی سچے دل سے اطاعت کرو
(فرمودہ ۲۹؍ جون ۱۹۱۷ئ)
تشہد ، تعوذ اور سورۃ فاتحہ کے بعد حضور نے مندرجہ ذیل آیات کی تلاوت فرمائی:۔
۱؎
اور فرمایا:
’’بہت سے لوگ اس قسم کے ہوتے ہیں کہ وہ اپنے کلام اور اپنی تحریر پر قابو نہیں رکھتے۔ حضرت صاحب نے لکھا ہے کہ صوفیاء کا قول ہے ’’اَلطَّرِیْقَۃُ کُلُّھَا اَدَبٌ‘‘ تو جب تک انسان اپنے قول اور تحریر پر قابو نہیں رکھتا اور نہیں جانتا کہ اُس کی زبان اور قلم سے کیا نکل رہا ہے وہ انسان کہلانے کامستحق نہیں وہ تو حیوان سے بھی بدتر ہے کیونکہ جانور بھی خطرہ کی جگہوں سے بچتا ہے لیکن انسان مآل اندیشی سے ہرگز کام نہیں لیتا۔ جانور کو کسی خطرہ کی جگہ مثلاً غار کی طرف کھینچیں تو وہ ہرگز اُدھر نہیں جائے گا۔ مولوی رومی صاحب نے اپنی مثنوی میں ایک مثال لکھی ہے کہ ایک چوہا ایک اونٹ کو جس طرف وہ اونٹ جا رہا تھا اُدھر ہی اس کی نکیل پکڑ کر لے چلا لیکن جب راستہ میں ندی آئی تو اونٹ نے اپنا رُخ پھیر لیا اور چوہا اُدھر گھسٹتا ہوا چلنے لگا جدھر اونٹ جا رہا تھا تو ایک چوہا بھی ایک اونٹ کو جہاں خطرہ نہ ہو لے جا سکتا ہے مگر جہاں خطرہ ہو وہاں چوہا تو کیا ایک طاقتور آدمی بھی اونٹ کو نہیں لے جا سکتا۔
یا شکرے اور باز جس وقت آتے ہیں تو جانور درختوں میں اس طرح دَبک کر بیٹھتے ہیں گویا وہاں کوئی جانور ہے ہی نہیں مگر انسانوں میں ایک ایسی جماعت ہے جو بات کہتی ہے اور نہیں سمجھتی کہ اِس کا کیا مطلب ہے حالانکہ اکثر اوقات ذرا سی غلطی خطرناک نتائج پیدا کر دیا کرتی ہے۔ اللہ تعالیٰ فرماتا ہے اے مومنو! دو معنی والے لفظ رسول کے مقابلہ میں استعمال نہ کرو ورنہ تمہارا ایمان ضائع ہو جائے گا۔ اِس سے معلوم ہوتا ہے کہ وہ لوگ مومن تھے اس لئے فرمایا کہ تمہارا ایمان ضائع ہو جائے گا۔ فرمایا کہ تم اگرچہ اس وقت مومن ہو لیکن اگر تم نے اپنی زبانوں پر قابو نہ رکھا تو یاد رکھو کہ ہم تمہیں کافر بنا کے دکھ کے عذاب میں مبتلا کر کے ماریں گے۔ مومن سے شروع کیا لیکن اس غلطی کے باعث کفر پر انجام ہوا۔ پس انسان کے لئے ضروری ہے کہ وہ اپنے قول کا نگران ہو ورنہ ایمان کے ضائع ہونے کا خطرہ ہے۔
میں دیکھتا ہوں کہ بعض لوگ زبان سے تو اقرار کرتے ہیں اور تحریر و تقریر میں خلیفۃ المسیح خلیفۃ المسیح کہتے ہیں مگر جو حق اطاعت ہے اس سے بہت دور ہیں۔ زبانی خلیفۃ المسیح کہنا یا لکھنا کیا کچھ حقیقت رکھتا ہے؟ شیعوں نے لفظ خلیفہ کے استخفاف اور ہنسی کے لئے نائیوں اور درزیوں تک کو خلیفہ کہنا شروع کر دیا لیکن کیا خلفاء ان لوگوں کی ہنسی سے ذلیل ہوگئے؟ ہرگز نہیں۔ لوگوں نے اِس لفظ خلیفہ کو معمولی سمجھا ہے مگر خدا کے نزدیک معمولی نہیں۔ خدا نے ان کو بزرگی دی ہے اور کہا ہے کہ میں خلیفہ بناتا ہوں اور پھر فرمایا ۲؎اِن خلفاء کے انکار کا نام فسق ہے جو ان کا انکار کرے گا وہ میری اطاعت سے باہر ہو گیا۔
پس لفظ خلیفہ کچھ نہیں لوگ نائی کو بھی خلیفہ کہتے ہیں مگر وہ خلفاء جو خدا کے مأمورین کے جانشین ہوتے ہیں اُن کاانکار اور اُن پر ہنسی کوئی معمولی بات نہیں وہ مومن کو بھی فاسق بنا دیتی ہے۔ پس یہ مت سمجھو کہ تمہارا اپنی زبانوں اور تحریروں کو قابو میں نہ رکھنا اچھے نتائج پیدا کرے گا۔ خداتعالیٰ فرماتا ہے کہ میں ایسے لوگوں کو اپنی جماعت سے علیحدہ کر دوں گا۔ فاسق کے معنی ہیں کہ خدا سے کوئی تعلق نہیں۔ اِس کو خوب یاد رکھو کہ خداتعالیٰ کی طرف سے جو انتظام ہو جو شخص اُس کی قدر نہیں کرے گا اور اُس انتظام پر خواہ مخواہ اعتراضات کرے گا خواہ وہ مومن بھی ہو اور جو اس کے متعلق بولتے وقت اپنے الفاظ کو نہیں دیکھے گا تو یاد رکھو کہ وہ کافر ہو کر مرے گا۔ اِس آیت میں رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم مخاطب ہیں۔اللہ تعالیٰ فرماتا ہے۔ مگر جس کے لئے ادب کاحکم ہوتا ہے وہ بھی اس آیت میں داخل ہوتا ہے۔ خدا نے حضرت ابوبکرؓ کو اس مقام پر کھڑا کیا تھا جو ادب کی جگہ تھی۔ جس وقت اختلاف شروع ہوا آپ نے کہا کہ میں اُس وقت تک لوگوں سے لڑوں گا خواہ تمام جہان میرے برخلاف ہو جائے جب تک یہ لوگ اگر ایک رسّی بھی جو آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کو دیتے تھے نہیں دیں گے۔ ۳؎
پس یہ مت سمجھو کہ حفظِ مراتب نہ کرنا کوئی معمولی بات ہے اور کسی خاص شخص سے تعلق رکھتا ہے بلکہ خواہ دینی ہو یا دنیاوی خلافت جب ان کے لئے ادب کا حکم ہے سب کے لئے ضروری ہے کہ اس کا ادب کیا جائے۔ کوئی شخص اگر بادشاہ کا ادب نہیں کرے گا تو جانتے ہو وہ سزا سے بچ جائے گا؟
میں نے کئی دفعہ سنایا ہے کہ انشاء اللہ خان بڑا شاعر تھا اور ہمیشہ اِس امر کی کوشش کیا کرتا تھا کہ بادشاہ کی تعریف میں دوسروں سے بڑھ کر بات کہے۔ دربار میں بادشاہ کی تعریف ہونے لگی ـکسی نے کہا کہ ہمارے بادشاہ کیسے نجیب ہیں۔ انشاء اللہ خان نے فوراً کہا نجیب کیا؟ حضور تو اَنْجَبْ ہیں۔ اب اَنْجَبْکے معنی زیادہ شریف کے ہیں اور ساتھ ہی لونڈی زادہ کے بھی۔ اتفاق یہ ہوا کہ بادشاہ تھا بھی لونڈی زادہ۔ تمام دربار میں سناٹا چھا گیا اور سب کی توجہ لونڈی زادہ کی طرف ہی پھر گئی۔ بادشاہ کے دل میں بھی یہ بات بیٹھ گئی اور انشاء اللہ خان کو قید کر دیا جہاں وہ پاگل ہو کر مَر گیا۔
پس زبان سے محض خلیفۃ المسیح خلیفۃ المسیح کہنا کچھ نہیں۔ مجھے آج ہی ایک خط آیا ہے جس میں اِس خط کا لکھنے والا لکھتا ہے کہ آپ نے جو فیصلہ کیا ہے، وہ غریب سمجھ کر ہمارے خلاف کیا ہے۔ اب اگر فی الواقعہ ایسی ہی بات ہو کہ کوئی شخص فیصلوں میں درجوں کا خیال رکھے تو وہ تو اوّل درجہ کا شیطان اور خبیث ہے چہ جائیکہ اُس کو خلیفہ کہا جائے۔ دیکھو میں نے اُن لوگوں کی بھی کچھ پرواہ نہیں کی جو میرے خیال میں سلسلہ کے دشمن تھے۔ پس میں کسی انسان کی کچھ بھی پرواہ نہیں کرتا خواہ سب کے سب مجھ سے علیحدہ ہو جائیں کیونکہ مجھ کو کسی انسان نے خلیفہ نہیں بنایا بلکہ خدا نے ہی خلیفہ بنایا ہے۔ اگر کوئی انسان کی ہی حفاظت میں آئے تو انسان اُس کی کچھ حفاظت نہیں کر سکتا۔ خدا ایسے شخص کو ایسے امراض میں مبتلا کر سکتا ہے جن میں پڑ کر بُری طرح جان دے۔ میں اُس خلافت کو جو کسی انسان کی طرف سے ہو *** سمجھتا ہوں نہ مجھے اس کی پرواہ ہے کہ مجھے کوئی خلیفۃ المسیح کہے۔ میں تو اس خلافت کا قائل ہوں جو خدا کی طرف سے ملے۔ بندوں کی دی ہوئی خلافت میرے نزدیک ایک ذرّہ کے بھی برابر قدر نہیں رکھتی۔ مجھے کہا گیا ہے کہ میں انصاف نہیں کرتا، غریبوں کی خبر گیری نہیں کرتا۔ پس اگر میں عادل نہیں ہوں تومیرے ساتھ کیوں تعلق رکھتا ہے؟ جو عدل نہیں کرتا وہ کوئی حقیقت نہیں رکھتا ایسے لوگوں کا مجھے کوئی نقصان نہیں۔ مجھے تو اس سے بھی زیادہ لکھا گیا ہے۔ قاتل مجھ کو کہا گیا، سلسلہ کو مٹانے والا، غاصب اور اسی قسم کے اور بُرے الفاظ سے مجھ کو مخاطب کیا گیا ہے۔ پس اس کے مقابلہ میں تو یہ کچھ بھی نہیں۔
ہر ایک وہ شخص جو مقدمہ کرتا ہے وہ اپنے تئیں ہی حق پر سمجھتا ہے لیکن عدالت جو فیصلہ کرتی ہے وہ اُس کو قبول کرنا پڑتا ہے۔ اللہ تعالیٰ فرماتا ہے کہ۴؎ جب تک یہ لوگ کامل طور پر تیرے فیصلوں کو نہ مان لیں یہ مومن ہو ہی نہیں سکتے۔ جب لوگوں کو عدالتوں کے فیصلوں کو ماننا پڑتا ہے تو خدا کی طرف سے مقرر شدہ خلفاء کے فیصلوں کا انکار کیوں؟ اگر دنیاوی عدالتیں سزا دے سکتی ہیں تو کیا خدا نہیں دے سکتا؟ خدا کی طرف سے فیصلہ کرنے والے کے ہاتھ میں تلوار ہے مگر وہ نظر نہیں آتی۔ اُس کی کاٹ ایسی ہے کہ دُور تک صفایا کر دیتی ہے۔ دنیاوی حکومتوں کا تعلق صرف یہاں تک ہے مگر خدا وہ ہے جس کا آخرت میں بھی تعلق ہے۔ خدا کی سزا گو نظر نہ آوے مگر حقیقت میں بہت سخت ہے۔ اپنی تحریروں اور تقریروں کو قابو میں لاؤ۔ اگر تم خدا کی قائم کی ہوئی خلافت پر اعتراض کرنے سے باز نہیں آؤ گے تو خدا تمہیں بغیر سزا کے نہیں چھوڑے گا۔ جہاں تمہاری نظر بھی نہیں جا سکتی وہاں خدا کا ہاتھ پڑتا ہے۔ اللہ تعالیٰ تمہیں فہم دے۔ اپنے آپ کو اور اُس شخص کے درجہ کو جو تمہارے لئے کھڑا کیا گیا ہے پہچانو۔ کسی شخص کی عزت اس شخص کے لحاظ سے نہیں ہؤا کرتی۔ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی عظمت اس لئے نہیں کہ آپ عرب کے باشندہ تھے اور عبداللہ کے بیٹے تھے بلکہ اس درجہ کے لحاظ سے ہے جو خدا نے آپ کو دیا تھا۔ اِسی طرح میں ایک انسان ہوں اور کوئی چیز نہیں مگر خدا نے جس مقام پر مجھ کو کھڑا کیا ہے اگر تم ایسی باتوں سے نہیں رُکو گے تو خدا کی گرفت سے نہیں بچ سکتے۔ بعض باتیں معمولی ہوتی ہیں مگر خدا کے نزدیک بڑی ہوتی ہیں۔ خدا تم کو سمجھ دے۔ آمین (الفضل ۷؍ جولائی ۱۹۱۷ئ)
۱؎ البقرۃ: ۱۰۵۔۱۰۶ ۲؎ النور: ۵۶
۳؎ تاریخ الخلفاء للسیوطی صفحہ۵۱ مطبوعہ دہلی ۱۸۹۲ء
۴؎ النسائ: ۶۶
۶۶
کلمہ ہم سے کیا چاہتا ہے
(فرمودہ ۶؍ جولائی ۱۹۱۷ئ)
تشہد، تعوذ اور سورۃ فاتحہ کی تلاوت کے بعد فرمایا:۔
’’اللہ تعالیٰ سورۃ فاتحہ میں مسلمانوں کو متوجہ فرماتا ہے کہ اُن کی کامل خوشی اُسی وقت ہوگی اور ہونی چاہیے جبکہ تمام جہان میں وہ صداقت پھیل جائے جو رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی معرفت خدا نے بھیجی ہے۔ فرمایا کہ اب مومنوں کو اس میں دعا سکھائی کہ کہو ۔ اس کی دلیل بھی ساتھ ہی دے دی کہ کیوں اللہ کی حمد کی جائے اور کیوں وہ ہی تمام حمدوں کا مستحق ہے۔ فرمایا کہ وہ چونکہ ہے تمام جہانوں کا ربّ ہے تو اس سے بڑھ کر کون حمد کا مستحق ہو سکتا ہے۔
اگر ہر ایک جہان کا الگ الگ ربّ ہو تب تو بے شک کہا جا سکتا ہے کہ یہ فقرہ درست نہیں مگر جب تمام جہانوں کی وہی ربوبیت فرماتا ہے تو پھر کون اس کے سِوا حمد کا مستحق ہے۔ پس کہنے کی وجہ بیان فرمائی کہ کیوں اُس کی حمد کی جائے اِس لئے کہ وہی حمد کا مستحق ہے۔
پھر اب سوال پیدا ہوتا ہے کہ خدا کے لئے حمد تو ہے ہی مگر اس کے اظہار کی کیا ضرورت ہے؟ تو اِس کا جواب یہ ہے کہ حمد کے ہمیشہ دو مواقع ہوتے ہیں یعنی دو غرض کے لئے کسی کی حمد کی جاتی ہے۔
(۱) حمد اُس وقت کی جاتی ہے جب کسی کا شکریہ ادا کرنا ہے۔
(۲) دوسرے اُس وقت جب کسی سے طلب نعمت مقصود ہو۔
کوئی کسی کی تعریف کیوں کرتا ہے؟ یا تو اس کامرہونِ احسان ہے یا اس سے کچھ مانگتا ہے جیسے مثلاً فقیر ہوتے ہیں جب وہ کسی سے مانگتے ہیں تو معمولی معمولی آدمیوں کو بھی بڑی سرکار بڑی سرکار کہا کرتے ہیں تو اِس تعریف سے اُن کا مقصد یہی ہوتا ہے کہ وہ پہلے کسی کی مدح کرتے ہیں اور بعد میں کچھ مانگتے ہیں اور مدح جھوٹی بھی ہو سکتی ہے مگر حمد ہمیشہ سچی ہی ہوا کرتی ہے۔ تو حمد کی ایک وجہ طلبِ نعمت ہے جو اِس طرح کی جاتی ہے کہ سوال سے پہلے اس شخص کی جس سے کچھ مانگنا ہو تعریف کی جاتی ہے اور دوسرے اُس وقت جب کوئی نعمت مل جاتی ہے تو اس نعمت کے شکریہ کے طور پر حمد کی جاتی ہے۔ یہی وجوہات یہاں بھی ہیں۔ کہا کہ اللہ کے لئے تمام حمد ہے۔ اللہ کون ہے جس کے لئے تمام حمد ہے؟ وہ اللہ ہے یہ صفت تمام حمد کو اللہ ہی کے لئے ہونے کی وجہ بتاتی ہے ورنہ بعض حصوں میں تو غیر بھی شامل ہو سکتے ہیں مگر تمام حمد میں کوئی شریک نہیں ہو سکتا۔
انسان خدا کی حمد کرتا ہے۔ اُس سے کچھ مانگتا ہے اور اُس سے کچھ عرض کرتا ہے کہ حضور تو تمام جہانوں کے ربّ ہیں کوئی نہیں جس کی آپ ربوبیت نہ فرماتے ہوں۔ اس سوال کو پورا کرنے کے لئے یہ دلیل دی گئی ہے کہ لوگ جب کسی دوسرے کے گھر پر مانگنے جاتے ہیں تو وہ آگے سے کہہ دیتا ہے کہ بابا! اگلے گھر جاؤ میرے پاس نہیں۔ مگر جب کوئی خدا کے حضور جاتا ہے اور عرض کرتا ہے کہ حضور کے دروازے پر مانگنے آیا ہوں اور ساتھ یہ بھی اشارہ کرتا ہے کہ میں اَور کس کے دروازہ پر جاؤں۔ تو ہوئے آپ، آپ کے بعد کہاں انسان کا ٹھکانا ہے۔
انسان ۱؎ کہہ کر ظاہر کرتا ہے کہ میں حضور کے سِوا کس کے پاس مانگنے جاؤں۔ مجھے تو کوئی نہیں معلوم ہوتا جو آپ کے سوا مجھے کچھ دے سکے۔ صفات کے اظہار سے غرض یہ ہوتی ہے کہ ان کے ذریعہ انسان جو کچھ بھی طلب کرنا چاہتا ہے کرتا ہے۔ پس صفت متوجہ کرتی ہے کہ وہ ہی چونکہ درحقیقت تمام جہانوں کا ربّ ہے اِس لئے تمام حمدوں کا وہی مالک ہے اور اِس لئے وہی ہے جس سے مدد مانگنی چاہیے کیونکہ خدا خود یہی فرماتا ہے تو پھر بندہ اور کہاں جا سکتا ہے۔ اِس لئے طلبِ نعمت کے لئے اللہ تعالیٰ کے نام کے ساتھ صفت لگائی گئی ہے۔ مطلب یہ کہ خدایا! جب سب کی ربوبیت تیرے ہی ذمہ ہے تو ہم کہاں جا سکتے ہیں۔ اِس میں یہ حکمت ہے کہ جب خدا سے مانگنے لگو تو صفت ربوبیت کا ضرور واسطہ دو۔ دوسرے اظہارِ تشکر کیلئے اس میں خداتعالیٰ نے مسلمانوں کو بتلایا کہ ۲؎ تم بہترین اُمت ہو جو لوگوں کے فائدے کے لئے لائے گئے ہو ۳؎ لوگوں کو اسلام کی طرف بُلانا تمہارا کام ہے اور تمہارے قیام کی غرض لوگوں کو فائدہ پہنچانا ہے۔ الناس میں کسی خاص گروہ کی طرف اشارہ نہیں کسی جگہ کے لوگ ہوں جن عالموں سے اُمت محمدیہ کا تعلق ہے وہ تمام الناس میں داخل ہیں جن کے فائدہ کے لئے اُمت محمدیہ کو کھڑا کیا گیا ہے۔
اب بہت سی ایسی قومیں ہیں جو غیر اللہ کی حمد کرتی ہیں۔ ہر ایک قوم نے خدا کے سوا اور بھی ارباب بنا رکھے ہیں مگر جن کو وہ ربّ بنا رہے ہیں ان سب کی ربوبیت بھی خدا کے ہاتھ میں ہے۔ پس سب کا ہونے کے لحاظ سے حمد کا مستحق خدا ہے نہ کوئی اَور، اب مسلمانوں کو متوجہ کرتا ہے کہ جب خدا ہے اور تم لوگوں کے فائدہ کے لئے لائے گئے ہو اور تم یہ بھی دیکھ رہے ہو کہ خدا کا حق غیروں کو دیا جا رہا ہے پھر تم کس طرح شکریہ ادا کر سکتے ہو۔ غور کرو تو معلوم ہوگا کہ حقیقی حمد چاہتی ہے کہ بجائے نفسی نفسی کے تمام وہ لوگ جو حقیقی معبود اور حقیقی ربّ کی بجائے دوسرے لوگوں کی حمد کر رہے ہیں ان تمام کو غیر اللہ سے ہٹا کر خدا کی طرف لایا جائے اور وہ لوگ اپنے ربّ کو پہچانیں، اُس کی نعمتوں کی قدر کریں اور اُس کی اُسی طرح حمد کریں جس طرح خود مومن کرتے ہیں ورنہ مومن اُس وقت تک مومن نہیں ہو سکتے جب تک تمام جہان صرف اللہ کی طرف نہ جھک پڑے اور اس کی طرف متوجہ نہ ہو جائے۔ مومن کو راحت نہیں ہو سکتی جب تک وہ خدا سے روٹھنے والے بندوں کو خدا کے حضور لا کر نہ جھکا دے۔ اب جب یہ کام کر چکے مومن خوش ہو سکتاہے اور کہہ سکتا ہے کہ کہ وہ کام جو میرے ذمہ بوجہ اُس نعمت کے جو خدا نے مجھ کو دی تھی یعنی مجھ کو تمام لوگوں پر اِس لئے فضیلت دی تھی کہ میں لوگوں کو حق پہنچاؤں وہ میں نے پورا کر دیا۔ اس طرح کبھی حقیقی شکریہ ادا نہیں ہو سکتا کہ خود ہدایت لے کر اور خاموش ہو کر گھر میں بیٹھ جاؤ…۔
جب ایک دہریہ موجود ہے اور وہ خداتعالیٰ کے وجود کا منکر ہے ہم اس کی طرف کوئی توجہ نہیں کرتے وہ خدا کی حمد نہیں کرتا چاہیے کہ دہریہ کو بتایا جائے کہ خدا ہے اور اس خدا سے برگشتہ کو خدا کی طرف لائیں۔ اگر الفاظ میں بھی حمد کی جاتی ہے تو عملاً بھی حمد ادا کرنا چاہیے۔ اس کی طرف آیت شریفہ ۴؎میں بھی اشارہ ہے۔
بہت سے لوگ ہوتے ہیں جو اپنے شکروں کو بجائے خدا کو دینے کے غیروں کو دیتے ہیں۔ اِس کا دفعیہ اِسی طرح ہو سکتا ہے کہ اُن لوگوں کو جو خدا سے دور ہو چکے ہیں اُن کو خدا کے حضور لاؤ۔ اور کتنے افسوس کی بات ہے کہ مسلمان اقرار کرتا ہے کہ بیشک اللہ ہی مستحق حمد ہے اور پھر اپنی عبودیت کا بھی اقرار کرتا ہے پس عبد کا کیا کام ہے؟ جب وہ دیکھے کہ کوئی شخص آقا کی چیز کو اُٹھا کر کسی اَور غیر جگہ لئے جا رہا ہے تو وہ اس غیر سے چھین لے اور اپنے آقاکے پیش کرے۔ عبد اقرار کرتا ہے کہ اللہ ربُّ العٰلمین کی ہی تمام اشیاء ہیں غیروں کا اِن اشیاء میں کوئی دخل نہیں پس کیسا وہ عبد ہے جو دیکھ رہا ہے کہ آقا کی چیزیں دوسروں کو دی جا رہی ہیں اور وہ خاموش بیٹھا ہے۔
تمام وہ مذاہب جو خدا کا شریک بناتے ہیں حقدار ہیں کہ اُن کو خدا کی طرف لایا جائے۔ بتاتی ہے کہ حق تو سب خدا کا ہی ہے مگر اس سے چھین کر دوسروں کو دیا جاتا ہے۔ پس کتنے افسوس کی بات ہے کہ مسلمان پانچ وقت عبودیت کا اقرار کرتا ہے مگر جب آقا کی چیز کو غیروں کے پاس جاتا دیکھتا ہے تو کچھ پرواہ نہیں کرتا۔ کیا اگر خود اس کی چیز کو کوئی اُٹھا کر لے جائے تو وہ اسی طرح خاموش بیٹھا رہے گا اور لے جانے والے سے چھیننے کی کوشش نہیں کرے گا جو بندہ کہتا ہے اُس پر ذمہ داری آتی ہے کہ خدا کے دین کی اشاعت میں سرگرم رہے۔ اب وہ یہ عذر نہیں کر سکتا کہ میں اس کام کو کر نہیں سکتا۔ اس کا فرض ہے کہ اگر اس کی جان بھی جائے تو بھی خدا کے دین کی اشاعت میں لگا رہے۔ پس عبد ہونے کا اقرار کر چکا ہے تو اس کا فرض ہے کہ وہ خدا کی چیز کو خدا کے پاس لائے۔ اُس کے مالک کی کروڑ ہا مخلوق غیر اللہ کے آگے جھکائی جا رہی ہے، کوئی عیسیٰ کو خدا بنا رہا ہے اور کوئی عزیز کو۔ عبد اپنی آنکھوں سے دیکھ رہا ہے کہ میرے مالک کی چیز غیروں کے پاس پہنچائی جا رہی ہے لیکن بہت ہیں جو فرض کو نہیں سمجھتے۔ مثلاً لوگوں پر چندہ مقرر ہے وقت پر ادا نہیں کریں گے جب پوچھا جائے کہ وقت پر کیوں نہیں ادا کیا؟ تو کہہ دیتے ہیں جی کوئی لینے نہیں آیا تھا کس کو دیتے؟ یہ عجیب جواب ہے کیا جو شخص بیمار ہو وہ خود طبیب کے پاس جاتا ہے یا طبیب اس کے پاس آتا ہے؟ کوئی بیمار اپنا علاج نہ کرائے کہ چونکہ طبیب میرے پاس نہیں آیا اس لئے میں علاج نہیں کراتا، بھوکا کھانے کے پاس نہ جائے کہ چونکہ کھانا میرے پاس نہیں لایا گیا میں کیسے کھاتا اور پیاسا پانی نہ پئے کہ پانی خود میرے پاس نہیں آیا میں نہیں پیتا۔ تو یہ عذر کسی کا بھی درست اور جائز نہیں۔ بعض لوگوں کو جب تبلیغ کے لئے کہا جائے تو وہ کہہ دیتے ہیں ہمیں بولنا نہیں آتا۔
پس اگر واقعہ میں کوئی شخص اللہ کے حضور میں اُس کا عبد ہے تو کوئی مذہب نہیں کہ جس کے مقابلہ کے لئے وہ تیار نہ ہو اور اُس کی غلطی پر اُس کو آگاہ نہ کرے۔ منہ سے اقرار کچھ وقعت نہیں رکھتا جب تک فعل سے ثابت نہ کیا جائے۔ کوئی شخص جب تک اپنی جان مال تک اس راہ میں قربان نہیں کرے گا وہ کیسے اللہ کا عبد ثابت ہوگا۔ ۵؎ انعام والے بندوں کا راستہ نہیں ملے گا۔ جب تک ان کی ایسی باتیں اختیار کی نہیں جائیں گی۔
قرآن بتلاتا ہے کہ موسیٰ نے نبوت سے قبل ظالموں کے ظلم مٹائے۔ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے دعویٰ سے قبل لوگوں کی اصلاح فلاح و بہبود کے لئے انجمنیں قائم کی تھیں اور آپ کے دل میں تڑپ تھی کہ خدا کے بندے کسی اَور کے بندے نہ ہو جائیں۔حضرت صاحب کے بھی دعویٰ سے قبل اُس وقت کے مشہور اخبارات میں غیر مذاہب کے ردّ میں مضامین نکلا کرتے تھے۔ پس جب تک عملاً کو ثابت نہ کیا جائے اور پوری کوشش نہ کی جائے کہ خدا کے بندے کسی اَور جگہ نہ جانے پائیں اُس وقت تک انسان عبد نہیں کہلا سکتا۔ انعامات کا مستحق بندہ اُسی وقت ہوتا ہے جب مالک کی راہ میں کسی چیز کی بھی پرواہ نہ کرے۔
اللہ تعالیٰ ہماری جماعت کو توفیق دے کہ وہ اپنے فرض کو سمجھے اور اس کا پورے طور پر احساس کرے کہ ہم جو اقرار کرتے ہیں وہ پورے بھی کریں۔ اللہ تعالیٰ ہمیں اپنے فرائض اور عہدوں کے پورے کرنے کی توفیق دے۔ وہ لوگ جنہوں نے سچی تعلیم کو اب تک قبول نہیں کیا اُن تک حق پہنچائیں تا وہ خدا کے حضور یہ نہ کہیں کہ ہمیں کسی نے حق نہیں پہنچایا تھا۔
(الفضل ۱۴ـ جولائی ۱۹۱۷ئ)
۱؎ الفاتحہ: ۲ ۲؎ اٰل عمران: ۱۱۱ ۳؎ اٰل عمران: ۱۰۵
۴؎ الاعلٰی: ۲ ۵؎ الفاتحہ: ۷
۶۷
رمضان سے سبق سیکھو
(فرمودہ ۱۳؍ جولائی ۱۹۱۷ئ)
تشہد ، تعوذ اور سورۃ فاتحہ کے بعد حضور نے مندرجہ ذیل آیات کی تلاوت کی:۔
۱؎
اور فرمایا:
’’رمضان کو دوسرے مہینوں پر اللہ تعالیٰ نے فضیلت دی ہے حتی کہ رمضان کا ہی مہینہ تھا کہ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس جبرائیل علیہ السلام قرآن کے دَور کو آیا کرتے تھے۔ ۲؎ رمضان کے مہینہ میں بہت سی برکات اللہ تعالیٰ نے رکھی ہیں اور اِس میں بہت سے سبق دیئے ہیں۔ اِن اسباق میں ایک تو یہی ہے جس کی طرف آج میں آپ لوگوں کو متوجہ کرنا چاہتا ہوں۔
اس میں شک نہیں کہ انسان دوسرے کی تکلیف اُسی وقت سمجھ سکتا ہے جب وہ خود مبتلا ہو۔ ایک آدمی جو کبھی بیمار نہ ہوا ہو اُس کو دوسرے کی بیماری سمجھنا بہت مشکل ہے۔ ایک آدمی جس نے کوئی موت نہ دیکھی ہو اُس کو اُس گھرانے کی مصیبت کو سمجھنا بہت مشکل ہے جس پر موت آگئی ہو، وہ شخص جس نے غم نہ دیکھا ہو اُس کے لئے دوسروں کے غم کا اندازہ کرنا آسان نہیں۔ بیماری کی تکلیف کو وہی شخص سمجھ سکتا ہے جس نے بیماری اُٹھائی ہو، غم کو وہی جان سکتا ہے جو غم میں مبتلا ہوا ہو، دوسرے کی موت سے وہی تکلیف محسوس کر سکتا ہے جس کے عزیزوں میں کبھی موت اس کے سامنے آئی ہو۔اِسی طرح جس نے کبھی نہ دیکھا ہو کہ بھوک کیا ہے وہ نہیں سمجھ سکتا کہ بھوکے انسان کی کیا حالت ہوتی ہے۔
اللہ تعالیٰ کی یہ سنت ہے کہ چونکہ وہ اپنے بندوں کے دلوں میں احساس پیدا کرنا چاہتا ہے کہ اس کی مخلوق کن ابتلاؤں سے گزر رہی ہے اس لئے اللہ تعالیٰ اپنی پیاری جماعتوں کو آزماتا ہے۔ چنانچہ پہلے ہی پارہ میں آزمائشیں بیان فرماتا ہے کہ مالی آزمائشیں بھی آتی ہیں ،جانی بھی، بھوک بھی اپنا کام کرتی ہے اور اَور قسم کی آزمائشیں بھی آتی ہیں۔ لوگ پوچھا کرتے ہیں کہ آزمائش کی غرض کیا ہوتی ہے؟ وہ سمجھ لیں کہ آزمائشوں کی غرض یہ ہوتی ہے کہ ان لوگوں میں ہمدردی پیدا ہو۔ اللہ کے بندے بھوک سے گزارے جاتے ہیں۔ موت اور قلت مال سے گزارے جاتے ہیں، بیماریوں کے دروازوں سے گزارے جاتے ہیں۔ خدا کے بندے اِن تنگ دروازوں سے اِس لئے نہیں گزارے جاتے کہ وہ ہلاک کئے جائیں بلکہ اس لئے کہ مخلوقِ خدا کی حالت سے اُنہیں ہمدردی پیدا ہو۔
یہی بات ہے جس کے نہ سمجھنے کے سبب سے مسیح کو کفّارہ بنایا گیا۔ گناہ کے دور کرنے کا اَور ذریعہ تھا مسیح کو مصلوب کرنا اس کا ذریعہ نہیں تھا۔ یہ سچ ہے کہ خدا اپنے نبیوں کو تکالیف میں ڈالتا ہے تا ان کو معلوم ہو جائے کہ مخلوقِ خدا کن مشکلات میں سے گزر رہی ہے۔ کوئی دکھ نہ ہو جس کے ازالہ کیلئے ان میں جوش پیدا نہ ہو۔ پس یہ ٹھیک ہے کہ مسیح صلیب دیئے گئے۔ کفّارہ کیلئے نہیں بلکہ اس لئے تا ان کو معلوم ہو کہ دنیا کس طرح گندی زندگی میں سے گزر رہی ہے اور وہ اس کا علاج کریں۔
رمضان بھی ابتلاؤں میں سے ایک ابتلاء ہے۔ بڑے بڑے امیر آدمی جن کے پاس ہزاروں ہی نعمتیں ہوتی ہیں جب رمضان کا مہینہ آتا ہے باوجود تمام قسم کی نعمتیں اور عمدہ سے عمدہ کھانے اور اعلیٰ درجہ کے مسالے بھی ہوتے ہیں، بھوک بھی سخت ہوتی ہے مگر خدا کے حکم کے ماتحت سب کچھ چھوڑ دیتے ہیں۔ پھر ان کو معلوم ہوتا ہے کہ خدا کی مخلوق کی کیا حالت ہے۔
رمضان ایک سبق ہے کہ تا وہ سمجھیں کہ جن کو بھوک ہوتی ہے اور جو پیاسے ہوتے ہیں ان کی کیا حالت ہوتی ہے اِس لئے وہ ان کی بھوک اور پیاس کے دور کرنے کی کوشش کریں۔ ان کے دلوں میں ہمدردی کا جوش پیدا ہو۔ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم رمضان کے مہینہ میں بہت خیرات کرتے تھے حتی کہ حدیث میں آتا ہے کہ آپ رمضان میں صدقہ اس کثرت سے کرتے تھے جیسا کہ تیز ہوا چلتی ہے۔۳؎ آپ دوسرے ایام میں بھی صدقہ کرتے تھے مگر رمضان کے مہینہ میں بِالخصوص حضور بہت صدقہ و خیرات سے کام لیتے تھے۔
یہ آیات جو میں نے پڑھی ہیں ان میں بھی اللہ تعالیٰ نے مومن کا ایک کام یہ بھی بتایا ہے وہ اللہ کی محبت کے سبب سے نہ ریاء کے طور پر کھانا کھلاتے ہیں مسکینوں، یتیموں اور اسیروں کو۔ چنانچہ وہ کہتے ہیں کہ ہم جو تمہیں کھانا کھلاتے ہیں یہ محض اللہ کی خاطر ہے، ہم تم سے اس کا کوئی بدلہ نہیں چاہتے نہ یہ چاہتے ہیں کہ آپ لوگ شکریہ کے طور پر جَزَاکَ اللّٰہُ ہی کہیں۔ مگر یہ کھانا کھانے والوں کا فعل ہے کہ جب اُن پر کوئی احسان ہو تو اِس احسان کا شکریہ ادا کریں۔ پس وہ مومن کہتے ہیں کہ ہم تو صرف اِس لئے آپ لوگوں کی کچھ خدمت کرتے ہیں کہ صرف اللہ راضی ہو جائے۔
اِن سبقوں میں سے ایک سبق خیرات بھی ہے مگر اس کا اب طریق بدل گیا ہے۔ انجمنوں میں دیتے ہیں کہ نام و نمود ہو مگر جو طریق قرآن کریم نے بتایا ہے اس کی طرف سے توجہ ہٹ گئی ہے۔ فقراء بھی بڑھ گئے ہیں۔ چیزیں بھی مہنگی ہوگئی ہیں۔ چاہیے تو یہ تھا کہ توجہ زیادہ اِدھر ہوتی مگر اِس کی طرف سے توجہ ہٹ گئی ہے۔ لوگ اُدھر دیتے ہیں جہاں نام و نمود ہو لیکن ابرار میں شامل ہونے کے لئے ضروری ہے کہ ایسے لوگوں کو کھانا کھلایا جائے کیونکہ ان کی صفات میں ایک صفت کھانا کھلانا بھی ہے۔ جو کہ یہ کہتے ہیں کہ ہم کسی بدلہ کے لئے تمہیں کھانا نہیں کھلاتے بلکہ محض اللہ کے لئے کھانا کھلاتے ہیں۔ کیونکہ ایک دن آنے والا ہےکہ جب ہمارے پاس کچھ نہیں ہوگا پس ہم جو تمہیں دیتے ہیں تم سے کچھ لینے کے لئے نہیں دیتے بلکہ اس لئے دیتے ہیں کہ وہ دن جس دن ہمارے پاس کچھ نہیں ہوگا ہم اللہ تعالیٰ سے لیں گے۔
پس یہ دن مبارک ہیں میں جماعت کو بتانا چاہتا ہوں کہ اب بھوک کے سبق کو ہر ایک شخص جانتا ہے۔ قادیان میں بہت سے لوگ ہیں اور میں اُن کو جانتا ہوں۔ کئی کئی فاقے اُن پر گزر جاتے ہیں اور ایسے لوگ ہر جگہ موجود ہیں ان کے پاس کچھ نہیں۔ ان کے بچے فاقہ کر کے راتیں گزارتے ہیں۔ اب یہ اچھا موقع ہے کہ پھر بھول نہ جاؤ اللہ تعالیٰ نے بھی ہر سال رمضان لگا دیا ہے۔ دیکھا جاتا ہے جب بیماری ختم ہو جائے تو انسان کو پرواہ نہیںرہتی۔ مثلاً کسی کے پیٹ میں درد ہو اُس وقت وہ عہد کر لے گا کہ آئندہ کبھی ایسی چیز نہیں کھاؤں گا جس سے پیٹ میں درد ہو لیکن جونہی کہ افاقہ شروع ہوا وہ عہد بھولنا شروع ہو گیا اور مزیدار شوربے کا خیال آنے لگا۔
پس جہاں تک ہو سکے رمضان سے عملی سبق لینا چاہیے۔ یہاں کے لوگ یہاں صدقہ کر سکتے ہیں اور باہر کے باہر۔ یہ شرط نہیں ہے کہ اپنے ہی ہاں دیا جائے۔ غیروں کو بھی دینا چاہیے۔ غیروں کو بلکہ ضرور ہی دینا چاہیے تا خدا کی مخلوق سے ہمدردی عام ہو۔ میرے نزدیک تو کتے بلیاں اور چوہے بھی مستحق ہیں کہ اُن کو بھی کھلانا پلانا چاہیے۔
یہ تو صدقہ کے متعلق تھا مگر ایک بات اَور بھی یاد رکھو ایک جماعت ہے جو صدقہ نہیں کھا سکتی، غریب ہے نادار ہے اُس کی بھی مدد کی صورت نکالنی چاہیے وہ سیّدوں کی جماعت ہے۔ رسول کریم ﷺنے اپنی نسل کو صدقہ سے منع فرمایا ہے۔۴؎ بعض نے کہا ہے کہ اب سیّدوں کے لئے صدقہ لینے میں کوئی حرج نہیں کیونکہ وہ نادار ہیں۔ مگر میرے نزدیک درست نہیں کہ جس بات سے رسول کریم ﷺنے منع فرمایا ہے اُس کو جائز کیا جائے۔ صدقہ کے علاوہ اَور بھی طریق ہو سکتے ہیں جن سے ان کی مدد ہو سکتی ہے اور اِس طرح محبت بھی بڑھ سکتی ہے وہ ہدایا کا طریق ہے۔ اگر ایک دوست کا بچہ آتا ہے تو آدمی اُسے کچھ دیتا ہے مگر وہ صدقہ نہیں ہوتا اور اس طرح ان میں محبت بڑھتی ہے۔ اِسی طرح سید آنحضرت ﷺکی بیٹی کی اولاد ہیں اب اِن کو بھی ہدایا دیئے جائیں اُس احسان کے بدلہ میں جو آنحضرت ﷺ کا ہم پر ہے۔ آنحضرت ﷺنے ہمیں کفر سے نکالا، ظلمتوں سے باہر لائے، پس اِس فضل کی وجہ سے ہمارا فرض ہے کہ ہم آپ کی لڑکی کی اولاد کے ساتھ ویسا ہی دوستانہ سلوک کریں بلکہ اِس سے بڑھ کر کریں جیسا کہ آپ دوسرے دوستوں سے کرتے ہیں۔ وہ صدقہ نہیں کھا سکتے اس لئے ہم ان کو بطور ہدایا دیں۔ہم ان کو خداتعالیٰ کی محبت کے طور پر دے سکتے ہیں۔ ان کو آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم سے نسبت ہے۔ ایک شاعر نے کہا ہے بات تو گندی ہے لیکن ہے درست کیونکہ پتہ لگتا ہے کہ نسبتوں کا بھی کہاں تک خیال ہوتا ہے۔
گو واں نہیں پے واں کے نکالے ہوئے تو ہیں
کعبہ سے ان بتوں کو بھی نسبت ہے دُور کی
حضرت صاحب نے قصیدہ الہامیہ میں فرمایا ہے۔
اے دل تو نیز خاطر ایناں نگاہ دار
کآخر کنند دعویٔ حب پیمبرم
خواہ غیر احمدی ایک نبی کے انکار کی وجہ سے کافر ہی ہو گئے ہیں مگر وہ کہتے تو ہیں کہ ہمارا آنحضرت ﷺسے تعلق ہے۔ جہاں وہ ایک نبی کے منکر ہیں وہ ایک سے پیار کا بھی دعویٰ کرتے ہیں۔
پس سیّدوں کو آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم سے تعلق نسبی ہے اِس لئے جہاں میں آپ لوگوں کو صدقات کی طرف متوجہ کرتا ہوں وہاں یہ بھی بتاتا ہوں کہ میں نہیں چاہتا کہ صدقہ کسی فتویٰ سے سیّدوں کے لئے جائز کر دیا جائے۔ رسول کریم ﷺکے ہم پر احسانات ہیں اِس کے بدلہ میں سیّدوں کو ہدیہ دیئے جائیں۔ رسول کریم ﷺخود بھی ہدیہ کھاتے تھے۔ پس رمضان ایک سبق ہے بعد میں کسی کو یاد رہے یا نہ رہے اب اِس کام کو کرو کہ خدا کے فضلوں کے وارث بنو۔
(الفضل ۲۱؍ ۲۴ جولائی ۱۹۱۷ئ)
۱؎ الدھر: ۶ تا ۱۵
۲،۳؎ بخاری کتاب الصوم باب اجود ماکان النبی یکون فی رمضان
۴؎ بخاری کتاب الزکوٰۃ باب اخذ صدقۃ التمر عند صرام النخل (الخ)
۶۸
اکثر چھوٹی باتیں بڑے نتائج پیدا کرتی ہیں
(فرمودہ ۲۰؍ جولائی ۱۹۱۷ئ)
تشہد، تعوذ اور سورۃ فاتحہ کے بعد حضور نے مندرجہ ذیل آیت کی تلاوت کی:۔
۱؎
بعد ازاں فرمایا:۔
’’دنیا میں بہت سی چیزیں ایسی ہوتی ہیں کہ بظاہر چھوٹی نظر آتی ہیں لیکن وہ ایک بیج کی طرح ہوتی ہیں جن سے ایک بہت بڑا درخت پیدا ہوتا ہے۔ بڑ کے بیج سے کوئی ناواقف کیا قیاس کر سکتا ہے کہ اتنے چھوٹے بیج سے اتنا بڑا درخت پیدا ہو جائے گا۔ پھر بعض درختوں کی شاخ زمین میں گاڑ دی جاتی ہے جس کو ایک بچہ بھی مسل سکتا ہے مگر ایک وقت آتا ہے کہ وہی کمزور شاخ اِس قدر مضبوط ہو جاتی ہے کہ کوئی بڑے سے بڑا انسان بھی اُس کو جنبش نہیں دے سکتا مگر بہت کم لوگ کسی چیز کو اِس نظر سے دیکھتے ہیں کہ اِس کے نتائج کیا نکلیں گے۔
ایک آم کی گٹھلی کتنی چھوٹی ہوتی ہے جس کو ناواقف دیکھ کر کہے گا کہ اِس سے اتنا بڑا درخت کیسے پیدا ہو سکتا ہے جو اِس سے ہوتا ہے اور وہ حیران ہو جائے گا لیکن عقلمند انسان کا کام ہے کسی چیز یا واقعہ کو اس کی موجودہ شکل میں نہ دیکھے بلکہ اسے یہ دیکھنا چاہیے کہ زمانہ کے گرزنے پر اس کی کیا صورت ہو جائے گی۔ اور اگر واقعات کو ان کی موجودہ صورت میں دیکھا جائے تو دنیا میں ایک تباہی آ جائے کیونکہ بہت سے امور جو ابتداء ً چھوٹے ہوتے ہیں حقیقت میں بہت بڑے نتائج پیدا کرنے والے ہوتے ہیں اور بہت سے بڑے معلوم ہوتے ہیں مگر ان کے نتائج بہت چھوٹے ہوتے ہیں۔
رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے غزوہ حنین کے بعد بہت سے اموال جو حضورؐ کے پاس پہلی غنیمتوں میں سے بھی جمع تھے مکہ کے نَو مسلموں کو دلائے۔ اس پر انصار میں سے بعض نوجوانوں نے کسی مجلس میں کہہ دیا کہ اب تک خون تو ہماری تلواروں سے ٹپک رہا ہے مگر مال اِن لوگوں کو دے دیا گیا جو حق دار نہیں تھے۔ جب آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کو معلوم ہوا کہ انصار میں سے بعض نے اِس طرح کہا ہے تو حضور نے انصار کو بُلوایا اور پوچھا کہ اے انصار! کیا تم نے اِس طرح کہا ہے؟ وہ لوگ منافقت پسند نہ کرتے تھے جن کی مجلس میں یہ باتیں ہوئی تھیں اُنہوں نے کہہ دیا کہ حضور! بعض نادان نوجوانوں نے بیشک کہہ دیا ہے لیکن ہمیں کسی قسم کا اعتراض نہیں۔ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا اے انصار! تم میری نسبت کہہ سکتے ہو کہ یہ اکیلا آیا تھا ہم نے اِس کا ساتھ دیا، اِسے گھر والوں نے نکال دیا تھا ہم نے اِس کو جگہ دی، اِس پر دشمنوں نے حملے کئے ہم نے اپنی تلواروں سے اِس کی مدد کی، اسلام غریب تھا ہم نے اپنے مالوں سے اِس کی مدد کی لیکن جب وقت آیا تو ہماری قدر کرنے کی بجائے غیروں کو مال دیئے گئے۔ پھر تم یہ بھی کہہ سکتے ہو کہ خدا کے رسول کو ہم نے اُس وقت قبول کیا جبکہ اُس کے شہر والوں نے اُس کو نکال دیا تھا مگر آج مال اُن کو دے دیا گیا مگر اے انصار! کیا تم اِس بات کی قدر نہیں کرتے کہ مہاجرین بھیڑ اور بکریاں لے کر اپنے گھروں کو واپس لَوٹ رہے ہیں اور تم خدا کے رسول کو گھر لے آئے ہو۔ انصار نے پھر عرض کیا۔ حضور! بعض نوجوانوں نے نادانی سے یہ کہہ دیا ہے۔ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا۔ اچھا جو ہونا تھا ہو گیا تم میں سے بعض نے دنیا کی خواہش کی جس کا نتیجہ تمہیں بھگتناپڑے گا اب تم اپنا حصہ کوثر پر مجھ سے مانگنا۔۲؎
اس پر غور کرو کہ مدینہ میں جو چند مہاجرین تھے ان کی نسل تو دنیا میں کس کثرت سے موجود ہے مگر انصار جو کہ وہیں کے باشندے تھے ان کی نسل دنیا سے ایسی معدوم ہوئی کہ تمام دنیا میں بہت ہی تھوڑے لوگ ہیں جو اِس نسل سے تعلق رکھتے ہیں۔ پس انصار نے ایک معمولی سی بات کہی تھی مگر دیکھو اس کا نتیجہ کیسا عبرتناک نکلا۔ تو کسی بات کو معمولی مت سمجھو بلکہ اس کے انجام کی طرف غور کرو۔
اکثر چھوٹی باتیں ہوتی ہیں مگر ان کے نتائج خطرناک ہوا کرتے ہیں۔ حکومت بغداد کی تباہی کی ابتداء ایک معمولی بات سے ہوئی تھی۔ شہر میں ایک گروہ تھا جن کو عیار کہتے تھے وہ گویا پولیس کے قائم مقام ہوتے تھے۔ اُن کا کام بدمعاشوں کی فہرستیں تیار کرنا ہوتا تھا۔ ایک دن دو عیاروں میں سے ایک نے کہا کہ چلو بھئی کباب کھائیں۔ دوسرے نے کہا کباب کیا کھانے ہیں ذرا لڑائی کا تماشہ دیکھیں۔ شیعہ سُنّی کو لڑوائیں اور تماشہ دیکھیں یہ کہہ کر ایک شیعوں کے محلہ میں چلا گیا اور دوسرا سنّیوں کے محلہ میں اور وہاں جا کر کچھ ایسی باتیں بنائیں کہ دونوں گروہوں کو لڑوا دیا۔ وزیر اعظم شیعہ تھا اُس نے سنّیوں کی گرفتاری کے احکام نافذ کئے۔ اِس پر سنّی ولی عہد کے پاس گئے اور کہا کہ وزیر اعظم کی طرف سے ہم امن میں نہیں ہیں اُس نے ہماری گرفتاری کے لئے فوج کو بھیج دیا ہے ہمیں بچایئے اور شیعوں کے مظالم سے حفاظت کیجئے۔ ولی عہد سنّی تھا اس نے خاص اپنے باڈی گارڈ کو بھیج دیا کہ اگر سنّیوں کو کوئی گرفتار کرے تو مزاحم ہو۔ اِس طرح دونوں فوجوں میں کچھ جنگ بھی ہوئی اور وزیر اعظم کے دل میں کینہ اور بغض بیٹھ گیا۔ اُس نے ہلاکو خان کو لکھا کہ آپ حملہ کریں میں آپ کی مدد کے لئے تیار ہوں۔ ہلاکو خان چڑھ آیا۔ اِدھر بھی لشکر تیار ہوا اگرچہ اِس گئے گزرے وقت میں بھی مسلمان ہلاکو خان کے مقابلہ کی تاب رکھتے تھے مگر وزیر نے مسلمانوں کی فوج کو دریا کے دہانہ پر اُتارا اور رات کو دریا کا بند تڑوا دیا جس سے لاکھوں مسلمان غرق ہوگئے۔ خلیفہ نے صلح کی درخواست کی۔ ہلاکو کی طرف سے کہا گیا کہ مُلک آپ کا ہے ہمیں کیسے یقین آئے کہ آپ صلح کرنا چاہتے ہیں اس لئے آپ کچھ منتخب لوگ ہمارے پاس بھیج دو۔ چنانچہ اِدھر سے جس قدر کام کرنے والے لوگ تھے امرائ، علمائ، صوفیا، جرنیلوں میں سے منتخب کر کے بھیج دیئے گئے۔ ہلاکو نے اُن کو گرفتار کر لیا۔
دیکھو ایک چھوٹی سی بات تھی جو صرف ایک تماشہ دیکھنے کے لئے کی گئی تھی لیکن اس کا نتیجہ یہ ہوا کہ بـغداد تباہ ہو گیا۔ ۱۸ لاکھ آدمی قتل ہوا۔ اس میں شیعہ سنّی کی تمیز نہ کی گئی۔ ایک ہزار کے قریب شاہی خاندان کی عورتوں سے زنا بِالجر کیا گیا تا کہ آئندہ کوئی مدعی خلافت نہ کھڑا ہو۔ تو فتنہ کی بات ہمیشہ چھوٹی ہی ہوا کرتی ہے مگر نتائج خطرناک پیدا کرتی ہے۔ دیکھو دیا سلائی کتنی چھوٹی ہوتی ہے مگر میل ہا میل کے جنگل جلا کر راکھ کر دیتی ہے۔
ہماری جماعت پر خدا کی طرف سے ایک بوجھ لادا گیا ہے اور جو قومیں ہمارے مقابلہ میں ہیں ان کی طاقتیں ہم سے کروڑوں حصہ زیادہ ہیں۔ مال کے لحاظ سے وہ ہم سے زیادہ ہیں۔ درجوں کے لحاظ سے وہ ہم سے بڑھ کر ہیں، تعداد کے لحاظ سے ہم سے زیادہ ہیں غرض ہر طرح ہم سے زیادہ ہیں۔ ایسے خطرناک دشمنوں کا مقابلہ ہے اس لئے ہماری ذمہ داری بہت بڑی ہے اس لئے ہمیں اپنی طاقت کو مضبوط بنانے اور دشمنوں کے مقابلہ میں کامیاب ہونے کے لئے ہر ایک بات بہت احتیاط اور سوچ کر منہ سے نکالنی چاہیے اور خاص اِس مہینہ میں۔ کیونکہ رمضان کے متعلق اللہ تعالیٰ فرماتا ہے لَعَلَّکُمْ تَتَّقُوْنَ اِس کی غرض یہ ہے کہ تم متقی بن جاؤ۔ پس اگر ہم نے رمضان سے یہ سبق حاصل نہ کیا، تقویٰ شعاری اختیار نہ کی تو گویا کچھ نہ کیا۔ کون جانتا ہے کہ اِس کو اگلے رمضان کے دیکھنے کی توفیق ملے گی۔ اگلا رمضان تو دور کی بات ہے آج اس رمضان کا آخری جمعہ ہے اللہ تعالیٰ ہی جانتا ہے کہ اگلا جمعہ بھی کس پر آئے گا۔ پس چاہیے رمضان نے جو ہمیں سبق سکھائے ہیں اور خاص کر سبق تقویٰ دیا ہے اِس کو اَزبر کریں۔ اپنے ہر ایک عضو کو قابو میں لائیں، اُن فضلوں کو جذب کریں جن کے دروازے خدا نے ہم پر کھولے ہیں، آئندہ غلطیوں سے بچنے کی پوری پوری کوشش کریں تا وہ تقویٰ ملے جس کا خدا وعدہ کرتا ہے۔ پس ہمیشہ احتیاط کرو کہ کہیں کوئی فتنہ والی بات نہ منہ سے نکلے۔ فتنوں سے بچنا بھی تقویٰ میں داخل ہے کیونکہ تقویٰ کا لفظ ایک وسیع المعنی لفظ ہے۔ ہر ایک شرارت سے بچنے کا نام تقویٰ ہے۔
بہت سے لوگ منہ سے تقویٰ کہتے ہیں مگر نہیں جانتے کہ تقویٰ کیا چیز ہے۔ ہر ایک نقصان رساں اور مضرت بخش چیز سے بچنے کا نام تقویٰ ہے اور رمضان اسی غرض سے آتا ہے تا وہ انسان کو بتلائے کہ جب ایک شخص ایک وقت میں جائز چیزوں کو بھی خدا کے حکم کے ماتحت ترک کر دیتا ہے تو یہ کیسے ہو سکتا ہے کہ وہ خدا کے حکم کے خلاف ناجائز چیزوں کو استعمال میں لائے۔
پس تم اصل تقویٰ حاصل کرو چونکہ ہر ایک انسان کے ساتھ ایک شیطان بھی لگا ہوتا ہے، بہت سے انسان شیطان صفت اور بہت سے بَدروحیں ہوتی ہیں اس لئے اللہ تعالیٰ فرماتا ہے کہ اے بنی آدم! جس طرح تمہارے آباء کو اس نے ایک فتنہ میں ڈال دیا اور ان کی امن کی زندگی ضائع کرا دی اِسی طرح شیطان کہیں تم کو بھی فتنہ میں ڈال کر تمہارے امن و امان کو ضائع نہ کر دے۔ لیکن یہ مت سمجھو کہ آدم صرف آدم ہی تھے بلکہ ہر ایک نبی آدم ہوتا ہے اور اُس آدم کی جماعت اُس کی اولاد ہوتی ہے۔ جیسے کہ بنی نوع انسان آدم کی اولاد ہے۔ نبی بھی اُمت کا باپ ہوتا ہے پس خداتعالیٰ آگاہ کرتا ہے جس طرح آدمِ اوّل کو جنت یعنی سُکھ اور آرام و اطمینان کی زندگی کو چھوڑنا پڑا تھا اِسی طرح ہمارے نبیوں کے ذریعہ تمہیں بھی ایک سکون حاصل ہوا تھا، دیکھنا کہیں فتنہ میں پڑ کر اس سکون کو ضائع نہ کر لینا۔ جو شخص کسی فتنہ کا موجب ہوتا ہے اُس کا وبال بھی اُسی کی گردن پر ہوتا ہے۔ خدا کی قائم کی ہوئی جماعتوں میں فتنہ ڈالنا کوئی چھوٹی بات نہیں ہے۔ پس ہر ایک وہ بات جس سے جماعت میں فتنہ کا اندیشہ ہو اُس سے محترز رہو۔
میں آپ لوگوں کو نصیحت کرتا ہوں کہ اب رمضان جا رہا ہے تقویٰ کے دروازے کھلے ہیں ان میں سے گزرو اور ایسا نہ ہو کہ یہ ایام جو سبق دے چلے ہیں ان کو بھلا دو۔
قرآن کریم میں شیطان کا قول نقل کیا گیا ہے۔ وہ کہتا ہے ۳؎ میں ضرور ضرور ان کے آگے سے اور ان کے پیچھے سے۔ ان کے دائیں سے اور ان کے بائیں سے آؤں گا۔ اور ان میں سے اکثر کو ضرور ضرور تیری راہ سے گمراہ کروں گا۔ دوسری جگہ اس کا قول درج ہے۔ ۴؎ کہ خدایا !جو تیرے مخلص بندے ہیں ان پر میرا کوئی زور نہیں۔ پس اپنی زندگی میں ایک تبدیلی پیدا کرو۔ انسان کو روحانی زندگی اُسی وقت دی جاتی ہے جب وہ شیطان کے حملوں سے محفوظ ہو جاتا ہے اور اپنے اندر ایک نمایاں تبدیلی پیدا کر لیتا ہے۔ اس کی طرف توجہ کرو اور توبہ کرو، توبہ کرو۔ پھر اگر سمندر کی جھاگ کی طرح گناہ ہوں گے تو بھی اللہ تعالیٰ کی رحمت وسیع ہے وہ سب کے سب گناہ معاف کر دے گا کیونکہ جو خدا کے حضور جھکتا ہے خدا اُس پر بہت مہربانی فرماتا ہے کیونکہ وہ ماں باپ سے بھی زیادہ مہربان ہے۔ کسی کو چھوٹا مت سمجھو، کسی پر ہنسی ٹھٹھا نہ کرو۔ خدا کی نظر میں کوئی چھوٹا اور حقیر نہیں جو متقی ہے اور کوئی بڑا اور معزز نہیں جو اتقاء سے دور ہے، لوگوںکے ساتھ اخلاق سے پیش آؤ۔ بہت سے لوگ ہوتے ہیں جو کسی کو ذلیل کرنا ایک معمولی بات سمجھتے ہیں لیکن اس سے بہت سے لوگ فتنہ میں پڑتے ہیں ان کا وبال بھی انہی پر ہوتا ہے۔ ان کی تو معمولی سی بات ہوتی ہے مگر اس سے خدا کی جماعتوں میں فتنے پڑ جاتے ہیں۔ پس خداتعالیٰ فرماتا ہے کہ اے بنی آدم! فتنوں سے بچو، نہ خود پڑو نہ دوسروںکو فتنوں میں ڈالنے کا موجب بنو۔ شیطان کے حملوں سے بچو کیونکہ وہ ہر نبی کے وقت میں لوگوں کو فتنہ میں ڈال دیتا ہے۔ تم خدا سے ڈرو اپنے اندر ایک پاک تبدیلی پیدا کرو تا کہ جب تم پر موت آئے تو تم کو مسلم پائے۔ جس کی زبان اُس کے قابو میں نہیں وہ اپنی زبان کو قابو میں لائے، جس کی تحریر اُس کے قابو سے باہر ہے وہ اپنی تحریر کو قابو میں لائے، اپنے اخلاق اور اطوار کو درست کرے، خدا سے جلد صلح کرے۔ اپنے گناہوں اور قصوروں کی اس سے معافی مانگے اور آئندہ کو اچھے افعال و اعمال و اخلاق سے گزشتہ غلطیوں کی تلافی کرے۔
اللہ تعالیٰ مجھے بھی اور آپ لوگوں کو بھی رمضان شریف کے سکھائے ہوئے سبقوں سے فائدہ اُٹھانے کی توفیق دے اور بُرائیوں سے بچائے۔ پھر وہ انعامات کے دروازے جو اُس نے کھولے ہیں ہمیں ان میں سے گزرنے کی توفیق بخشے اور ہم اُن وعدوں کے پورے کرنے والے ہوں جو مسیح موعود علیہ السلام سے خدا نے کئے ہیں۔ ہماری غلطیوں اور کمزوریوں سے ان میں رُکاوٹ نہ آئے۔ ہم ہر وقت اُس کی راہ میں قربان ہونے کو تیار ہوں۔ ہم پر کوئی گھڑی نہ آوے کہ ہم اُس وقت اُس پر قربان نہ ہو سکتے ہوں۔ (الفضل ۲۸؍ جولائی ۱۹۱۷ئ)
۱؎ الاعراف: ۲۸
۲؎ بخاری کتاب فرض الخمس باب ماکان النبی صلی اللّٰہ علیہ وسلم یعطی المؤلفۃ قلوبھم (الخ)
۳؎ الاعراف: ۱۸ ۴؎ الحجر: ۴۱
۶۹
نیکی میں ایک دوسرے سے بڑھنے کی کوشش کرو
(فرمودہ ۲۷؍ جولائی ۱۹۱۷ئ)
تشہد ، تعوذ اور سورۃ فاتحہ کے بعد حضور نے مندرجہ ذیل آیت کی تلاوت کی:۔
۱؎
’’تمام مذاہب اپنے پیروؤں کو اِس بات کی تاکید کرتے ہیں کہ نیکی اور تقویٰ کو اختیار کرنا چاہیے لیکن اسلام اور دیگر تمام مذاہب میں ایک فرق ہے۔ یہ بے شک درست ہے کہ اسلام بھی ان مذاہب کی طرح تعلیم دیتا ہے کہ نیکی اختیار کرو مگر جہاں اَور فرق ہیں وہاں ایک یہ بھی ہے کہ دوسرے مذاہب صرف لفظِ نیکی کی طرف متوجہ کرتے ہیں اور اسلام اس بات کی بھی اطلاع دیتا ہے کہ جس نیکی کی طرف متوجہ کرتے ہیں وہ چیز کیا ہے۔
یہ ممکن نہیں کہ کوئی مذہب بدی کی تعلیم دیتا ہو کیونکہ کوئی پاگل نہیں جو یہ کہے کہ تم بدی اختیار کرو۔ تو دنیا میں کوئی مذہب ایسا نہیں جو بظاہر شرارت کی طرف لوگوں کو بُلاتا ہو کیونکہ محض عقل بھی بِلاکسی الہامی مدد اور اشارہ کے یہی تعلیم دیتی ہے کہ نیکی اختیار کرنا چاہیے۔ پس مذاہب میں فرق اِس بات میں نہیں کہ نیکی اختیار کرنا چاہیے یا نہیں بلکہ اختلاف اس امر میں ہے کہ دوسرے مذاہب جو نیکی کی تعریف کرتے ہیں وہ حقیقت سے دور کرنے والی ہوتی ہے۔
پہلا فرق اسلام اور دیگر مذاہب میں یہ ہے کہ اسلام کے سوا تمام مذاہب صرف لفظِ نیکی کی طرف بُلاتے ہیں اور اسلام اُس حقیقت کی طرف متوجہ کرتا ہے جو اصل مقصود ہے۔ اس کی مثال ایسی ہے کہ کوئی شخص بیمار ہو تو یہ اکثر لوگ کہیں گے اِس مرض کا علاج کرنا چاہیے اور کچھ ان میں سے کوئی نہ کوئی دوا بھی بتائیں گے جن میں بہت اختلاف ہوگا اور جو بجائے مرض کو دور کرنے کے اکثر نقصان کا موجب ہوں گی۔ مگر جو دانا انسان ہوگا اور جو مرض کو سمجھتا ہوگا وہ اس مرض کا مناسب علاج بتائے گا۔ پس اسلام اور دیگر مذاہب میں نیکی کے بارہ میں ایک فرق ہے اور وہ یہ کہ اسلام حقیقی تعریف نیکی کی بتاتا ہے اور حقیقت کی طرف لاتا ہے مگر دیگر مذاہب حقیقت سے بہت دور کر دیتے ہیں۔
اسلام اور دوسرے مذاہب میں دوسرا فرق یہ ہے کہ دوسرے مذاہب صرف نیکی کی طرف بُلاتے ہیں مگر اسلام استباق کی طرف بُلاتا ہے کہ نیکی میں ایک دوسرے سے آگے بڑھو۔ سبقت کے معنی ہیں آگے بڑھنا اور استباق کے معنی ہیں ایک دوسرے سے آگے بڑھنا۔ اللہ تعالیٰ فرماتا ہے۔گو لفظاً سب مذاہب نیکی کی طرف لے جاتے ہیں مگر اصل یہ ہے کہ وہ نیکی سے دور لے جاتے ہیں۔ اللہ تعالیٰ فرماتا ہے ہر ایک نے ایک ایک طرف اختیار کر لی ہے اور نیکی کی طرف سے منہ پھیر لیا ہے۔ اگرچہ کہتے یہی ہیں کہ ہم نیکی کی طرف لئے جاتے ہیں لیکن واقعہ میں ایسا نہیں کرتے۔ پس اُن کے اَور طرفوں کو اختیار کر لینے سے نیکی کی طرف خالی رہ گئی ہے تم اِس کو لے لو۔ مدعی دوسرے بھی ہیں کہ وہ نیکی کی طرف لئے جاتے ہیں مگر وہ نیکی سے دور لئے جاتے ہیں۔ مسلمانوں کو حکم دیا گیا کہ جب تمام مذاہب نے اپنے لئے اَور طرفیں اختیار کر لی ہیں تو تم کو کیا کرنا چاہیے۔ یہ کہ اوّل تو نیکی کی طرف کو اختیار کرو دوسرے استباق کرو۔
کیا لطیف قرآن کریم کا طریق کلام ہے یہاں استباق کا لفظ رکھا ہے جس میں بظاہر سرعت اور تیزی نہیں پائی جاتی۔ کیوں؟ اس لئے کہ اگر دو آدمی سُست روی سے جا رہے ہوں اور ایک ان میں سے کسی قدر آگے بڑھ جائے تو اس نے استباق کر لیا اور اس طرح ہر کام میں تھوڑے سے بڑھنے کا نام استباق رکھ لیا اور سمجھ لیا کہ میں نے خدا کے حکم کو پورا کر دیا ہے لیکن دراصل اس لفظ میں انتہاء درجہ کی سرعت اور تیزی سے آگے بڑھنے کا مفہوم پایا جاتا ہے کیونکہ ہر ایک کے لئے یہ حکم ہے کہ استباق کرے۔ اب اگر ایک کوشش سے کچھ آگے بڑھے تو دوسرے کے لئے حکم ہے کہ وہ اس سے بڑھے۔ جب وہ اس سے بڑھے گا تو پھر پہلے کو وہی حکم آگے بڑھنے کے لئے تیار کرے گا۔ غرض ہر ایک کے لئے استباق کا حکم ہے۔ تو ہر ایک جہاں تک انسانی طاقت میں ہے ایک دوسرے سے آگے بڑھنے کی کوشش کرے گا۔ اس لفظ کی بجائے کئی اور لفظ ہو سکتے تھے۔ مثلاً فَاسْعَوْا ہو سکتا تھا یا ازیں قبیل کوئی اَور لفظ۔ مگر جو حقیقت لفظ میں رکھی گئی ہے وہ کسی اور میں نہیں آ سکتی تھی اس لئے اسی کو رکھا گیا۔ اس جگہ قرآن کریم اسلام اور دیگر مذاہب کا مقابلہ کرتا ہے اور بتاتا ہے کہ تمام مذاہب خیرات کی طرف سے غافل ہیں اور خیرات کی حقیقت سے ناواقف۔ پس اِس وقت مسلمانوں کے لئے اچھا موقع ہے کہ آگے بڑھیں۔ یہ لفظ ایسا جامع ہے کہ جس سے بڑھ کر کسی مقصد اور مدعا کی طرف دوڑنے اور جلدی کرنے کا حکم ہو ہی نہیں سکتا۔ ہو سکتا ہے کہ ایک شخص دَوڑے مگر پوری طاقت سے نہ دَوڑے۔ جلدی کرے مگر جس قدر کہ چاہیے اُس قدر جلدی نہ کرے لیکن استباق کے حکم کا اُس وقت تک پورا ہونا ناممکن ہے جب تک کہ پورے زور اور پوری طاقت سے کام نہ لیا جائے۔ ایک آدمی تیزی سے چلتا ہے اُس کو حکم ہے کہ دوسرے سے آگے بڑھے اب جس قدر وہ دوسرے سے بڑھنے کی کوشش کر سکتا ہے وہ اس لفظ استباق میں آگئی… کیوں؟ اس لئے کہ جب ایک شخص سے دوسرا بڑھتا ہے تو اُس کو بھی تو حکم ہے کہ آگے بڑھو اِس لئے وہ اُس سے زیادہ تیزی سے آگے بڑھے گا۔ پھر پہلے کے لئے حکم ہے کہ تم آگے بڑھو۔ اس لئے وہ اس سے زیادہ تیزی اختیار کرے گا حتیّٰ کہ جس قدر کسی میں طاقت اور ہمت ہوگی وہ سب اِس میں صرف کر دے گا۔
پس استباق اپنے اندر تیزی اور دوڑنے یا جلدی کرنے کے معنی نہیں رکھتا مگر حقیقت میں اِس قدر تیزی رکھتا ہے کہ جس قدر کسی انسان میں طاقت ہے۔ اللہ تعالیٰ فرماتا ہے۔ ۲؎
تو اللہ تعالیٰ نے انسان کے اندر جس قد ربھی طاقت ہے اس تمام کے خرچ کرنے کا حکم دیا ہے اور اس غرض کے لئے لفظ بھی ایسا رکھا ہے جو تمام غفلتوں کو کاٹ دیتا ہے، تمام سُستیوں کو دور کر دیتا ہے۔ دیگر مذاہب کہتے ہیں کہ نیکی کرو۔ مگر اسلام کہتا ہے کہ نیکی کرو اور ایک دوسرے سے بڑھو۔ یہ کام کوئی معمولی کام نہیں ہے ایک دو کا مقابلہ ہو تو خیر لیکن یہاں تو ہزاروں ہی اِس کے لئے تیاری کر رہے ہیں اور ان میں سے ہر ایک دوسرے سے بڑھ جانے کی کوشش کر رہا ہے۔ جب ایک دو کے مقابلہ میں تیاری کی ضرورت ہوتی ہے تو جہاں ہزاروں میں مقابلہ ہو وہاں کتنی تیاری کی ضرورت ہوگی۔ گھوڑ دَوڑوں میں کتنی تیاری کی جاتی ہے۔ اِسی طرح جب لوگ آپس میں دوڑتے ہیں کتنی کوشش اور تیاری کرتے ہیں لیکن جہاں کروڑوں ہوں وہاں کتنی تیاری کی ضرورت ہوسکتی ہے۔ اسلام نے اس حکم کے ساتھ سب سستیوں کو کاٹ دیاہے۔ پھر نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے دعا سکھائی ہے کہ خدایا سستی او رغفلت اور کسل سے بچا۔۳؎ قرآن سست لوگوں کو پسند نہیں کرتا اور سست کبھی خدا کا مقبول نہیں ہو سکتا۔ پس اسلام نہ صرف نیکی ہی کی تعلیم دیتا ہے بلکہ دوسروں سے نیکی میں بڑھنے کا حکم دیتا ہے اور ہر وقت اور ہر گھڑی چست اور تیار رہنے کی تلقین کرتا ہے۔
اگر قرآن کریم کے اِس ایک ہی حکم پر مسلمان عمل کرتے تو سارے جہان پر بھاری اور سب پر حاوی ہو جاتے مگر افسوس انہوں نے اِس طرف توجہ نہ کی اور ذلیل و خوار ہو گئے۔ اب ہم لوگوں کو جنہیں خدا تعالیٰ نے اصل اسلام پر قائم کیا ہے بہت تیاری کرنے کی ضرورت ہے۔ ہمیں ایک لمحہ بھی ایسا نہیں گزرنے دینا چاہیے کہ ہمارے قدم پہلے سے زیادہ تیزی کے ساتھ نیکی کی طرف نہ اُٹھ رہے ہوں کیونکہ مسلمانوں کو صرف اِس امر کا حکم نہیں دیا گیا کہ نیکی کرو بلکہ یہ حکم دیا گیا ہے کہ نیکی کرنے والوں میں سب سے آگے بڑھ جاؤ۔
آریہ لوگوں نے پر اعتراض کیا ہے کہ کیا مسلمانوں کو اب تک رستہ نہیں ملا کہ وہ اس کے پانے کی دعائیں کرتے رہتے ہیں۔ مگر نادان نہیں جانتے کہ مسلمانوں کو یہ حکم دیا گیا ہے کہ کسی وقت بھی غفلت نہ کرو بلکہ ایک دوسرے سے آگے بڑھنے کی کوشش کرو۔ اور ہدایت کے معنی رستہ بتانے کے ہی نہیں بلکہ رستہ پر چلانے اور مقصود تک پہنچانے کے بھی ہیں۔ اور اسلام چونکہ روحانی ترقیات کی کوئی حد بندی نہیں کرتا بلکہ اعلیٰ سے اعلیٰ کمالات کا وارث بناتا جاتا ہے اور اس کے خزانہ میں کبھی کمی نہیں اِس لئے یہ دعا ایک بڑے سے بڑا خدا کا پیارا انسان بھی کر سکتا ہے اور ایک گنہگار بھی۔ پس کی دعا ترقی کو محدود نہیں کرتی بلکہ یہ بتاتی ہے کہ خواہ تم کتنا ہی بڑا درجہ حاصل کر لو پھر بھی خدا کے انعامات اور فضلوںکو ختم نہیں کر سکتے۔ اگر اسلام درجات کی حد بندی کر دیتا اور کہہ دیتا کہ فلاں فلاں انعام کے بعد تمہیں کچھ نہیں مل سکتا تو گویا اپنے پیروؤں کو سست کر دیتا مگر اسلام تو سستی کا دشمن ہے اس لئے اس نے درجات کی حد بست نہیں کی بلکہ کہہ دیا کہ اگر کسی نے بڑے سے بڑا درجہ بھی روحانیت کا حاصل کر لیا ہے تو بھی اس کے لئے آگے بڑھنے کا رستہ کھلا ہے۔ پس اسلام تو یہی کہتا ہے کہ آگے بڑھو اور آگے بڑھو اور بڑھتے ہی چلے جاؤ۔
دنیا کی جو حالت نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے وقت میں تھی وہی حالت اب بھی ہے جس طرح آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کے وقت میں تقویٰ کی بجائے عصیان کا دَور دَورہ تھا آج بھی ایسا ہی ہے۔ دنیا کا کثیر حصہ اس قسم کا ہے جو خدا کی محبت کی جگہ دنیا کی محبت کے پیچھے پڑ گیا ہے اور خدا کو چھوڑ کر دنیا میں مشغول ہو گیا ہے۔ اِس وقت خداتعالیٰ نے حضرت مسیح موعود علیہ السلام کو دنیا کی ہدایت اور راہ نمائی کے لئے بھیجا ہے۔
پس یہ مسیح موعود علیہ السلام کا زمانہ ہے اگر یہ موقع بھی سستی اور غفلت میں گزر گیا تو پھر اَور کون سا موقع آئے گا۔ اِس وقت رحمت کے دروازے کھلے ہیں۔ قرآن کریم میں جہاں حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام کی پیشگوئی کی گئی ہے وہاں خداتعالیٰ فرماتا ہے۔ ۴؎ اب ہر قسم کی شرارت اپنے زور پر ہے۔ دہریت نے ہر طرف اپنے پیر پھیلا رکھے ہیں۔ خدا کے بندے خدا سے دور جا رہے ہیں۔ اللہ تعالیٰ فرماتا ہے کہ ایسے حالات اور ایسے وقت میں جنت کو قریب کر دیا جائے گا۔ پس ہمارے دوستوں کو چاہیے کہ نیکی میں استباق کریں۔
مگر یاد رکھو کہ نیکی کرو اور ساتھ ہی خدا سے ڈرو۔ بعض لوگ نیکی میں اگر قدم آگے بڑھاتے ہیں تو اس پر فخر کرتے ہیں اوراگر ان کے کسی معاملہ میں ان کے خلاف کچھ نوٹس لیا جائے تو کہتے ہیں کہ ہم سے یہ معاملہ کیوں کیا گیا۔ یاد رکھو۔ خدا کو کسی کی خدمت کی پرواہ نہیں۔ اللہ غنی ہے۔ وہ صمد ہے۔ ۵؎ کہہ دو کہ اللہ ایک ہے، وہ کسی کا محتاج نہیں۔ سب اس کے محتاج ہیں۔ بعض لوگوںنے صمد کے معنی غنی کئے ہیں مگر نہیں۔ اس کے معنی یہ ہیں کہ وہ کسی کا محتاج نہیں۔ پس یاد رکھو کہ اللہ صمد ہے۔ وہ ہرگز ہرگز کسی کا محتاج نہیں بلکہ سب اُسی کے محتاج ہیں۔ کا حکم خدا نے اِس لئے نہیں دیا کہ نَعُوْذُ بِاللّٰہِ خدا کسی مصیبت میں مبتلا ہے اور کہتا ہے کہ بھاگنا بھاگنا اور جلدی مجھے اِس مصیبت سے بچانا۔ اُس کا یہ حکم دینا اُس کے کسی فائدہ کے لئے نہیں بلکہ خود تم پر احسان ہے اور دین کی خدمت کرنا خدا پر احسان کرنا نہیں بلکہ یہ بھی تم پر خدا کا احسان ہے کہ اُس نے تمہیں یہ موقع دیا۔ یہ اللہ کا احسان ہے کہ وہ ہم کو اِس کام کا موقع دے۔ اگر تم تقویٰ پیدا کرو گے تو خدا پر احسان نہیں کرو گے۔ یہ سب خدا کے احسان ہیں کہ باوجود یہ سب کام اُس کے نہیں ہمارے اپنے لئے ہیں پھر وہ ہمیں ثواب اور انعام دیتا ہے۔ پس کیسا نادان ہے وہ انسان کہ اُسی کے فائدہ کے لئے کوئی اُسے بتا دے کہ میاں! اس طرح کرو گے تو تمہارے لئے مفید ہوگا۔ وہ مان تو لے گا مگر اُلٹا اس پر احسان جتائے کہ میں نے تمہارا کہا مانا ہے۔ خدا بندوں کو نیکی کی طرف متوجہ کرتا ہے۔ وہ کسی کا محتاج نہیں بلکہ لوگ محتاج ہیں کہ خدا اُن کی مدد اور نصرت فرمائے۔ پھر نَعُوْذُ بِاللّٰہِ خدا ڈوبتا نہیں کہ اپنے بندوں کو اپنی مدد کے لئے بُلا رہا ہے بلکہ بندے ڈوب رہے ہیں وہ ان کی مدد اور ڈوبتوں کو بچانے کے لئے بڑھتا ہے اور غرق ہونے سے بچنے کے طریق بتاتاہے۔ پس کیسا نادان ہے وہ شخص کہ جو ڈوب رہا ہے اور کوئی اس کو بچانے کے لئے رسّہ پھینکے اور کہے کہ پکڑ لو غرق ہونے سے بچ جاؤ گے تو وہ کہے کہ اگر تمہارے کہنے سے میں نے رسّہ پکڑ لیا تو کیا انعام دو گے۔ تو خدا بندوں کو اس لئے نیکی کا حکم نہیں دیتا کہ نَعُوْذُ بِاللّٰہِ اس کو کسی ہلاکت کا اندیشہ ہے بلکہ اس لئے کہ اگر بندے اس کی بتلائی ہوئی راہوں پر قدم نہیں ماریں گے تو ہلاک ہو جائیں گے۔
پس جس کو کوئی دین کا کام کرنے کا موقع ملتا ہے وہ خوش قسمت ہے اُس کا خدا پر کوئی احسان نہیں بلکہ اپنی جان پر احسان ہے۔ کیسی نادانی ہے کہ کام اپنی جان کے فائدہ کے لئے کیا جائے، اپنے نفس کو بچایا جائے مگر سمجھا یہ جائے کہ ہم نے خدا پر احسان کیا ہے اس میں خدا کو کونسا نفع ہوا؟پھر اس پر احسان کے کیا معنی؟
پس وہ لوگ بڑے نادان ہیں جو فخر کرتے ہیں کہ ہم نے فلاں خدمت کی اور ہم نے فلاں کام کیا وہ غور کریں کہ کیا اُنہوں نے خدا کی خدمت کی یا اپنے نفس کی یا خدا نے آقا ہو کر، مالک ہو کر ان اپنے غلاموں کی خدمت کی، انہیں ہلاکت سے بچنے اور انعامات کے حاصل کرنے کے طریق بتلائے۔ تو احسان اُس کا ہے کہ اُس کے بتانے سے ہم ہلاکت سے بچ گئے نہ کہ ہمارا کہ ہم نے ان پر عمل کیا۔ کیا وہ شخص عقلمند ہو سکتا ہے جو تاریکی میں راستہ بھولا ہوا گرتا پڑتا ٹھوکریں کھا رہا ہو کوئی اسے بتائے کہ تم اِدھر سے جاؤاور فلاں دیوار کے ساتھ ساتھ جانا پھر آگے تمہیں فلاں گلی ملے گی وہاں سے نکل کر آگے بڑھو گے تو سیدھے اُس جگہ پہنچ جاؤ گے جہاں جانا چاہتے ہو۔ اب یہ شخص اُس کی ہدایت پر عمل کرے اور اپنے گھر پہنچ کر رستہ بتانے والے کو خط لکھے کہ چونکہ میں نے آپ کی باتوں کو مانا ہے اِس لئے آپ مجھ کو انعام دیں یہ میرا آپ پر احسان ہے کہ میں نے آپ کی بات تسلیم کی۔ کوئی سمجھدار اور عقلمند ایسا نہیں کر سکتا۔ اِسی طرح اللہ کے جس قدر احکام ہیں وہ اُس کے اپنے فائدہ کے لئے نہیں بلکہ بندوں کے نفع کے لئے ہیں اور بندوں کی ہی جان بچانے کے لئے ہیں اس لئے ان پر عمل کرو۔ دین کی خدمت کرو اور ایک دوسرے سے بڑھنے کی کوشش کرو۔ مگر یہ ضرور احتیاط کرو کہ ریاء نہ آنے پائے۔ خدمت کر کے کبھی خیال نہ کرو کہ ہم نے کچھ کام کیا ہے اور ہمارا خدا پر احسان ہے کہ ہم نے اس کے دین کی خدمت کی ہے۔ بہت سی جماعتوں نے خدا کے دین کی خدمت کی اور پھر اس پر فخر کیا اس لئے وہ ہلاک ہو گئیں۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے کاتب وحی کی حالت کی طرف دیکھو۔ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم اُس کو وحی لکھوا رہے تھے، زور کلام اللہ کا اُس پر بھی اِس قدر پڑا کہ وحی کا آخری حصہ فَتَبَارَکَ اللّٰہُ اَحْسَنُ الْخَالِقِیْنَ اُس کی زبان پر جاری ہو گیا۔ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ یہی لکھو۔ اُس نے کہا میں سمجھ گیا وحی نہیں ہوتی آپ ہی لکھواتے ہیں اور اس کا نام وحی رکھ دیتے ہیں اور یہ منصوبہ ہے۔ اِس طرح وہ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کا منکر ہو گیا۔۶؎ اس پر خدا کا ایک فضل ہوا تھا مگر وہ اس کو جذب نہ کر سکا۔
پس خوب یاد رکھو کہ خدمت کرو۔ مگر ساتھ ہی خدا سے ڈرو۔ اگر تکبر کرو گے یا احسان جتلاؤ گے تو خدا کی درگاہ سے نکال دیئے جاؤ گے۔ صحابہؓ کو ہم دیکھتے ہیں انہوں نے بڑی بڑی خدمتیں کیں مگر کسی پر ظاہر نہ کیا کیونکہ وہ جانتے تھے کہ یہ محض اللہ کا فضل ہے کہ ہمیں یہ موقع ملا۔ قرآن کریم میں جہاں یہ حکم ہے وہاں یہ بھی ہے۷؎ کہ اپنے صدقات کو ظاہر کر کے یا احسان جتلا کر یا دوسروں کو تکلیف دے کر ضائع مت کرو۔ صدقات کے اظہار کے بھی مواقع ہوتے ہیں تو فرمایا چندہ دو مگر اس طرح نہ دو کہ وبالِ جان ہو جائے۔
پس اِن باتوں کو خوب یا درکھو۔ یہ وہ زمانہ ہے جس کا نقشہ قرآن کریم میں کھینچا گیا ہے۔ آج تمام دنیا دین سے بے خبر ہے مگر رحمت کے دروازے کھولے گئے ہیں اور ایک مأمور کے ذریعہ خدا کی رحمت آئی ہے۔ پس ایک دوسرے سے آگے بڑھ جاؤ، تمام باتوں میں قناعت کرو مگر نیکی کے حصول میں کبھی قناعت نہ کرو اور یہ ہرگز مت خیال کرو کہ اب بہت کچھ ہو گیا۔
رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے صحابہ کو دیکھو کہ دنیا کے متعلق تو یہ کہ مال آتا ہے تو انصار کہہ دیتے ہیں کہ ہمارے بھائی مہاجرین کو دے دیا جائے۸؎ مگر نیکی کے معاملہ میں کبھی یہ نہیں ہوا کہ انصار نے کہا ہو مہاجرین ہی کر لیں یا مہاجرین کہیں کہ انصار ہی کر لیں یا فلاں کر لے ہم نے بہت کچھ کر لیا ہے۔ بلکہ ایک موقع پر نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے چندہ کے متعلق فرمایا تو حضرت عمرؓ فرماتے ہیں کہ میں نے خیال کیا کہ ہمیشہ ابوبکرؓ صدقات میں بڑھ جاتے ہیں آج میں ان سے بڑھ جاؤں گا۔ میں اپنا نصف مال لے جاؤں گا چنانچہ میں اپنا نصف مال لے گیا مگر حضرت ابوبکرؓ اپنا تمام اثاثہ لے گئے میں جی میں شرمندہ ہوا۔۹؎
اسی طرح جنگ خیبر کے دن آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا میں جھنڈا اس شخص کو دوں گا جو خدا سے پیار رکھتا ہے۔ حضرت عمرؓ فرماتے ہیں کہ اس سے پہلے کبھی میرے جی میں نہیں آیا تھا کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے آگے بڑھ کر بیٹھوں لیکن اُس وقت میں اُچھل کر آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کے آگے آ گرا تا کہ حضور مجھ کو دیکھ لیں کہ میں موجود ہوں اور شاید جھنڈا مجھے ہی دے دیں تو نیکی میں قناعت اور سستی اور کمزوری نہیں ہونی چاہیے۔ ہمارا کام نیکی میں بڑھنا ہے مگر یہ ضرور یاد رہے کہ اس کے ساتھ ریاء نہ ہو۔ بہت سے لوگ اپنے کاموں کا اظہار چاہتے ہیں کہ ان کے کاموں کو بار بار سراہا جائے مگر یہ ایک مرض ہے جو بہت مخفی ہوتا ہے اور اس کے بڑے خطرناک نتائج نکلتے ہیں۔ یہ بات مبلغوں میں بھی ہے وہ رپورٹ لکھ کر بھیجتے ہیں جب نہ چھپے تو اخبار والوں کو ڈانٹ ڈانٹ کر خط لکھتے ہیں کہ کیا ہمارا حق نہیں تھا کہ اخبار میں ہماری رپورٹ چھپتی۔ واعظوں میں بھی یہ بات ہے اِس کا نتیجہ یہ ہوتا ہے کہ اُنکے دل کو زنگ لگ جاتا ہے۔ کئی انجمنیں ہیں جن کی خواہش ہوتی ہے کہ اُن کے کام کی تعریف کی جائے وہ اپنے کام کی نمائش کرتی ہیں تا کہ لوگ کہیں کہ انہوں نے بڑا کام کیا ہے حالانکہ ایسا کرنے والوں نے کچھ بھی نہیں کیا۔ دوسروں کو کام پر آمادہ کرنے اور تحریک کے لئے کسی کو اپنا کام دکھانا اَور بات ہے مگر یہ نہ ہو کہ دوسروں کے منہ سے یہ سننے کے لئے کہ انہوں نے بڑا کام کیا ہے ایسا کیا جائے۔
پس مومن کو ریاء سے بچنا چاہیے۔ خدا کا قرب ایسا نہیں کہ ریاکاری سے میسر آ جائے۔ خدا کے فضل محدود نہیں وہ بڑا رحیم و کریم ہے۔ انسان ہی اُس کی صفات کامنکر ہے۔ اُس کے فضل اور اُس کے انعام اِس قدر زیادہ ہیں کہ اگر کوئی انسان اِس قدر بھی لے لے کہ اس سے پہلے کسی نے اس کے برابر نہ لیا ہو تو بھی وہ اس سے کم ہے جتنا ایک چیونٹی سمندر سے پانی بھر کر لے جائے۔ اللہ کے دروازے ہر ایک کیلئے کھلے ہیں اس کے انعام اور فضل ہر ایک کیلئے ہیں۔
دوسری بات یہ یاد رکھنے کے قابل ہے کہ من اور احسان جتلانے سے بہت نقصان ہوتا ہے۔ خدمت کر کے جتانا اپنے کام کو کھونا ہے جب انسان احسان جتاتا ہے تو آئندہ اس سے توفیق چھین لی جاتی ہے، لوگوں کی نظروں سے گر جاتا ہے۔ کیا وہ انسان دانا ہے جو بڑی لاگت سے ایک مکان بنائے اور پھر خود ہی اسے دیا سلائی لگا کر جَلا دے! مگر بہت لوگ ایسے ہوتے ہیں کہ جب ان سے کوئی غلطی یا قصور ہو جائے اور اس پر انہیں سزا دی جائے تو کہتے ہیں کہ ہم نے دین کی فلاں فلاں خدمت کی ہے مگر ہماری قدر نہیں کی گئی۔ انہیں یاد رکھنا چاہیے کہ کوئی کام کرنا الگ بات ہے اور کسی نقص پر سزا دینا یا محاسبہ کرنا یہ بالکل علیحدہ بات ہے۔
کعب بن مالکؓ کا واقعہ کیسا سبق آموز ہے۔ وہ تمام غزوات میں آنحضرتﷺ کے ساتھ رہے، مکہ کی فتح میں بھی ساتھ تھے مگر غزوۂ تبوک میں سستی سے پیچھے رہ گئے۔ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے انہیں ایسی سخت سزا دی کہ ان کے سلام کاجواب تک نہ دیتے تھے۔ تمام مسلمانوں کو کلام کرنے سے روک دیا حتی کہ بیوی کو بھی الگ کر دیا۔ اسی حالت میں غسان کے بادشاہ کا ایلچی اُن کے پاس خط لایا جس میں لکھا تھا کہ تیرے صاحب نے تیری قدر نہیں کی تو میرے پاس آجا۔ اُنہوں نے یہ کہہ کر کہ یہ شیطان کا آخری حملہ ہے خط کو تنور میں ڈال دیا اور ایلچی کو کہا کہ اپنے بادشاہ کو یہ پیغام پہنچا دینا ۱۰؎ مگر آجکل کے لوگ ہیں کہ ان سے اگر کچھ بازپُرس کی جائے تو وہ کہتے ہیں کہ ہماری خدمات کا لحاظ نہیں رکھا گیا، ہماری قدر نہیں کی گئی۔ یاد رکھنا چاہیے کہ انتظام الگ چیز ہے اور کام کرنا الگ چیز۔ اور انتظام قائم رکھنے کے لئے جو غلطی کرتا ہے اُس سے پوچھا جاتا ہے خواہ وہ کوئی ہو۔
پس خدا کے حکم کے ماتحت دین کے لئے ایسی کوششیں کرو کہ شیطان کو بھگا دو مگر اس لئے ہرگز نہ کرو کہ تمہاری تعریف کی جائے اور کام کر کے یہ مت خیال کرو کہ ہماری غلطیوں پر ہم سے بازپُرس نہ کی جائے گی۔ پھر خدا پر احسان مت جتاؤ، مَنّ واَذٰی سے کام نہ لو۔ تمام ذرائع سے اسلام کی خدمت کرو جیسا کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ میرا زمانہ بہتر ہے پھر جو اس کے بعد آئے پھر جو اس کے بعد۔۱۱؎ اِسی طرح حضرت مسیح موعود کے متعلق ہے کہ سب سے بہتر زمانہ حضرت مسیح موعو دکا تھا۔ پھر وہ جو آپ کے بعد آئے پھر جو اُس کے بعد آئے۔ آج کے بعد اگلا دن اِس سے بہتر نہیں ہوگا اور پرسوں کل سے بہتر نہیں ہوگا اور نبی سے جتنا زمانی بُعد ہوتا جائے گا اتنا ہی اِستباق فی الخیرات میں کمی آتی جائے گی۔
لفظ خیرات میں ایک اَور بات بھی رکھی گئی ہے۔ اگر صرف لفظ خیر ہوتا تو اس میں وسعت پیدا نہ ہوتی کیونکہ پیاسے کو پانی پلانا بھی ایک نیکی ہے مگر یہاں لفظ خیرات رکھا گیا جو نیکی کی ہر قسم پر حاوی ہے تو فرمایا کیونکہ اسلام انسان کو ہر طرح کامل بنانا چاہتا ہے خیر سے صرف ایک نیکی معلوم ہوتی ہے مگر خیرات میں ہے کہ تبلیغ کرو، مال بھی لاؤ، جان بھی دو، اِس وقت تلوار کی ضرورت نہیں، حسن اخلاق سے کام لو، خدا نے صرف ایک لفظ خیرات رکھ کر معافی میں اِس قدر وسعت پیدا کر دی ہے۔ اللہ تعالیٰ ہماری جماعت کو فائدہ اُٹھانے کی توفیق دے۔ اس میں من واذی نہ ہو ہم سمجھ لیں کہ اگر ہم کوئی کام کرتے ہیں تو خدا پر کوئی احسان نہیں کرتے بلکہ یہ اُس کا ہی ہم پر احسان ہے کہ اُس نے ہمیں اِس کام کے کرنے کا موقع دیا۔ اللہ تعالیٰ کے فضل ہمارے شامل حال ہوں۔ (الفضل ۱۱؍ اگست ۱۹۱۷ئ)
۱؎ البقرۃ: ۱۴۹ ۲؎ البقرۃ: ۲۸۷
۳؎ بخاری کتاب الدعوات باب الاستعاذۃ من الجبن والکسل
۴؎ التکویر: ۱۴ ۵؎ الاخلاص: ۲،۳
۶؎ تفسیر کبیر۔ فخر الدین رازی جلد۶ صفحہ۲۷۶۔ تفسیر سورۃ المومنون باب قول النبی صلی اللہ علیہ وسلم للانصار اصبروا حتّٰی تلقونی علی الحوض
۷؎ البقرۃ: ۲۶۵
۸؎ بخاری کتاب مناقب الانصار باب قول النبی صلی اللّٰہ علیہ وسلم للانصار۔ اصبروا حتّٰی تلقونی علی الحوض
۹؎ ترمذی ابواب المناقب باب رجاء ۃ ان یکون ابوبکر ممن یدعی من جمیع ابواب الجنۃ
۱۰؎ بخاری کتاب المغازی باب حدیث کعب بن مالک
۱۱؎ بخاری کتاب فضائل اصحاب النبی صلی اللّٰہ علیہ وسلم باب مناقب المہاجرین و فضلھم
۷۰
اسلام کی وجہ سے کوئی شرمندہ نہیں ہو سکتا
(فرمودہ ۳؍ اگست ۱۹۱۷ئ)
تشہد، تعوذ اور سورۃ فاتحہ کی تلاوت کے بعد فرمایا :۔
’’اللہ تعالیٰ کا بڑا فضل اور بہت بڑا احسان ہے کہ اُس نے اپنے فضل و کرم سے ہمارے لئے ایک ایسا دین نازل فرمایا ہے کہ جس پر چلنے کی وجہ سے ہمیں کسی مجلس اور کسی مقام پر، کسی تذکرہ کے دَوران میں اِس طرح ذلّت نہیں اُٹھانی پڑتی جس طرح دوسرے لوگوں کو جنہوں نے اپنے عقلی ڈھکونسلوں سے مذہب بنائے ہیں یا الٰہی مذہب کو اپنی تحریفات سے گھناؤنا بنا دیا ہے۔ اگر ہم بھی اسلام کو ایسا ہی کر دیتے یا اسلام ایسا ہی ہوتا تو ہمیں بھی ہر مقام پر شرمندہ ہونا پڑتا مگر اسلام کی کوئی بات ایسی نہیں جس پر وہ شخص جو عقل رکھتا ہو، ضد و تعصب سے الگ ہو اعتراض کرسکے۔
یہی وجہ ہے کہ قرآن کریم سے شروع کیا گیا ہے۔ یعنی قرآن کی کوئی تعلیم ایسی نہیں جس پر ایک قرآن کے سچے پیرو کو شرمندہ ہونا پڑے اور اُس کے منہ سے خدا کی تعریف نہ نکلے۔ اگر کوئی اعتراض کرے تو اُس کا زبردست جواب بھی اِسی جگہ ملے گا۔ قرآن کو لے کر دہریوں میں چلے جاؤ، قرآن کو لے کر عیسائیوں اور یہودیوں میں چلے جاؤ، قرآن کو لے کر سکھوں اور آریوں میں چلے جاؤ غرض قرآن کو لے کر تمام مذاہب کے پاس چلے جاؤ کہیں بھی اس کی کسی تعلیم کی وجہ سے تم شرمندہ نہیں ہو سکو گے۔ کیوں؟ اِس لئے کہ اس کے اندر اللہ تعالیٰ نے ایسی کامل تعلیم رکھی ہے اور ایسے پاک اور اعتراضوں سے بالا مسائل بیان فرمائے ہیں کہ ان پر کوئی اعتراض ہو ہی نہیں سکتا۔ اسلام کے خطرناک دشمن بیسیوں سال کی کوشش اور تلاش کے بعد کوئی اعتراض کرتے ہیں مگر اِس چھوٹی سی کتاب میں اُس کا ردّ موجود ہوتا ہے۔ پھر کسی لمبی تحریر کی ضرورت نہیں ہوتی اس کے اشاروں میں ہی وہ بات حل ہوتی ہے۔
پس اسلام ہی ایک ایسا پاک مذہب ہے کہ اِس کے کسی عقیدہ کو بیان کرنا ہو انسان کہیں شرمندہ نہیں ہو سکتا۔ عبادات کے بیان میں شرمندگی نہیں، عقائد ایسے صاف اور پُرحکمت ہیں کہ ان کے بیان کرنے میں ہمیں ایک ذرّہ بھر شرمندگی نہیں، اعمال کو لو یا کسی اور تعلیم کو لو، خدا کے ساتھ انسان کے کیسے تعلقات ہوں، بڑوں کے ساتھ کیسے تعلقات ہوں اور چھوٹوں کے ساتھ کیسے، اِسی طرح سیاسی تعلیم کو لو غرض کسی پہلو کی تعلیم ہو دشمن کو اِس پر اعتراض کرنے کی گنجائش نہیں ہے لیکن دیگر مذاہب کی یہ حالت نہیں بلکہ اس کے برعکس ہے۔ وہ اپنی تعلیم کو سمجھدار لوگوں کے سامنے پیش نہیں کر سکتے۔ اُن کی باتیں لوگوں کو ان پر ہنسی کا موقع دیتی ہیں۔ مثلاً عیسائی ہیں وہ کہتے ہیں کہ باپ، بیٹا، روح القدس تینوں مل کر ایک خدا ہوئے اور تینوں الگ الگ بھی خدا ہیں۔ مگر یہ کہاں کا حساب ہے کہ تین مل کر ایک ہوتا ہے؟ کیونکہ کسی کی عقل میں اس کی بات کا آنا تو الگ رہا خود اُس کی عقل میں بھی نہیں آ سکتی اور کسی طریق سے ثابت نہیں کیا جا سکتا۔ غرض ہر مجلس میں خواہ وہ عالموں کی ہو یا جاہلوں کی اُن کی اِس بات پر ہنسا جائے گا۔
اِسی طرح ہندو مذہب والا ہے وہ بھی اپنے مذہب کے عقائد کو صاف طور پر اور بِلا کسی قسم کی ہچکچاہٹ کے بیان کر سکے یہ ممکن نہیں۔ مثلاً تناسخ کا مسئلہ ہے یا نیوگ کا۔ جب نیوگ کا مسئلہ اوّل اوّل ظاہر کیا گیا تو آریوں نے اِس پر بڑا فخر کیا مگر جب حضرت مسیح موعود علیہ السلام نے اس کی حقیقت کھول کر رکھ دی تو اب اِس پر کبھی تقریر نہیں کرتے اور نہ اسے علی الاعلان پیش کرتے ہیں مگر اسلام کی کوئی ایسی تعلیم نہیں ہے جس کو چھپانے کی ضرورت پڑے یا جس کے اظہار پر شرمندگی دامنگیر ہو۔ دوسرے مذاہب کو یہ فخر حاصل نہیں ہے۔
مفتی صاحب نے ایک پادری کے متعلق لکھا ہے کہ اُس سے میری گفتگو ہو رہی تھی اور وہ رومن کیتھولک تھا۔ اِس گفتگو کو سن کر ایک دوسرا شخص مفتی صاحب کو الگ لے گیا اور کہا کہ آپ نے اِس پادری کی خوب خبر لی ہے مگر میں آپ کو ایک بات کہنا چاہتا ہوں اور وہ یہ کہ آپ جانتے ہیں یسوع بے گناہ تھے اور باقی سب انسان گنہگار تھے اِس لئے گنہگار کی نجات بے گناہ کے ذریعہ ہی ہو سکتی ہے مگرمحمد (صلی اللہ علیہ وسلم) گناہ گار تھے ان کے ذریعہ تو نجات ہو نہیں سکتی اِس لئے نجات دہندہ یسوع ہی ہوا۔ اِس پر مفتی صاحب نے وہی حربہ چلایا جو ہمارا مشہور حربہ ہے کہ آپ یہ بتائیں کہ آدم نے جو گناہ کیا اُس کا ذریعہ حوا ہوئی تھی یا نہیں؟ اور اگر مرد حضرت آدم کی اولاد ہونے کی وجہ سے گنہگار ہیں تو عورت جو حوا کی قائم مقام ہے کیوں گنہگار نہیں۔ پس مسیح صرف عورت کے بطن سے ہونے کی وجہ سے ضرور گنہگار ہوئے۔ مفتی صاحب کا یہ کہنا تھا کہ وہ سرپٹ دَوڑا۔ مفتی صاحب لکھتے ہیں کہ میں بھی اُس کے پیچھے پیچھے چلا وہ ایک مجمع میں جا گھسا اور بمنت کہنے لگا آپ جانے دیجئے۔ ایک اَور پادری صاحب کے متعلق مفتی صاحب نے مزیدار گفتگو لکھی ہے جو بالکل لاجواب ہو گیا۔ تو یہ بہت بڑا فرق ہے اسلام اور دوسرے مذاہب میں۔ دیکھو وہی یورپ جو زمین و آسمان کے قلابے ملا رہا ہے اور جس نے ہمارے جاہل، نادان اور وحشی نام رکھے ہیں، جو دنیاوی علوم میں ہمیں بہت عرصہ تک بہت کچھ سکھا سکتا ہے مگر وہی کتاب جس کو نادانوں نے تیرہ سَو برس کی پُرانی کتاب کہا جب وہ لے کر ہم اہل یورپ کے سامنے جاتے ہیں تو اِس کو ادب کے ساتھ اپنے زانو ہمارے سامنے تہہ کرنے پڑتے ہیں اور جو دنیاوی علوم میں ہمارے استاد بنتے ہیں دینی علوم میں اِس کتاب کے ذریعہ ہمارے شاگرد بننے پر مجبور ہو جاتے ہیں۔
پس اسلام اور قرآن کی کوئی بات حمد سے خالی نہیں۔ یہی وجہ ہے کہ قرآن کو سے شروع کیا گیا ہے واقعہ میں کوئی شخص قرآن کو ہاتھ میں لے کر ناکام اور نامراد نہیں ہو سکتا۔ مگر افسوس کہ مسلمانوں نے اس کو چھوڑ دیا۔ اب حضرت مسیح موعود علیہ السلام کا طفیل ہے کہ ہمیں قرآن کا علم ملا ہے ورنہ پہلے قرآن ہی تھا کہ جسے مولویوں نے غیروں کو دکھانے تک سے منع کر دیا تھا تا کہ نہ کوئی دیکھے اور نہ اُن سے کچھ پوچھے۔ اور اگر کوئی مسلمان بھی پوچھتا تو بجائے اِس کے کہ اُسے جواب دیتے کہتے کہ یہ تو کافر ہو گیا ہے۔
یہ اللہ تعالیٰ کا ہم پر احسان ہے کہ اس نے ہمیں ایسا دین عطا فرمایا جس کی طرف منسوب ہونے سے ہم شرمندہ نہیں ہیں۔ پھر اس کا یہ بہت بڑا فضل ہے کہ اس نے ہم میں ایک انسان مبعوث فرمایا جس نے اس کے مغز کو بنایا اور جس کے باعث ہم ہر جگہ کامیاب ـہیں۔
(الفضل ۱۸؍ اگست ۱۹۱۷ئ)

۷۱
اللہ کی راہ میں خرچ کرو
(فرمودہ ۱۰؍ اگست ۱۹۱۷ئ)
تشہد، تعوذ اور سورۃ فاتحہ کے بعد حضور نے مندرجہ ذیل آیت کی تلاوت کی:۔
۱؎
بعد ازاں فرمایا:۔
’’اللہ تعالیٰ کی یہ سنّت قدیم سے چلی آتی ہے کہ وہ اپنے بندوں کی ترقی ٔ مدارج کے لئے زیادہ سے زیادہ سامان پیدا کرتا رہتا ہے۔ خداتعالیٰ کسی بات کا محتاج نہیں، وہ غنی ہے، ہاں لوگ اُس کے محتاج ہیں پس وہ بندوں کو اگر کوئی کام کرنے کا موقع دیتا ہے تو اِس لئے نہیں کہ اُس کو ضرورت ہے بلکہ وہ ان پر رحم کرنا چاہتا ہے۔ اِس سنّت کے ماتحت اللہ تعالیٰ کی طرف سے نبی آتے رہے ہیں اور وہ دو قسم کے تھے اوّل وہ جو ایک ستون کے طور پر ہوتے تھے کہ عمارت کے قیام اور سہارے کے لئے ان کو نیچے کھڑا کر دیا جاتا تھا۔ مثلاً حضرت داؤد اور حضرت سلیمان علیہما السلام وغیرہ۔ ان کے سپرد صرف جماعت کو سنبھالنے کا کام ہوتا تھا۔ لیکن جو دوسری قسم کے انبیاء ہوتے ہیں اُن کو نئے سِرے سے جماعت قائم کرنا پڑتی تھی مثلاً حضرت مسیح ناصری ؑ، آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم اور ہمارے حضرت مسیح موعود علیہ السلام۔ اِن کی ابتداء ایسی ہوتی ہے کہ دنیا ان کو دیکھ کر خیال نہیں کر سکتی کہ یہ لوگ بھی دنیا کے لئے کچھ مفید ثابت ہوں گے مگر خدا ان کے ذریعہ دنیا کی حالت کو درست کر دیتا ہے اور ان انبیاء کو کمزوری کی حالت سے بلندی کی طرف لے جاتا ہے اُس وقت دنیا معلوم کرتی ہے کہ خدا ہے جس کے آگے کوئی کام اَن ہونا نہیں۔
ثواب کا اعلیٰ موقع
ایسے انبیاء کے وقت اُن کی اُمتوں کو موقع دیا جاتا ہے کہ وہ جس طرح بھی ہو سکے دین کی خدمت کریں چونکہ وہ وقت تعمیر قوم کا
وقت ہوتا ہے اِس لئے لوگوں کو مقابلہ کا موقع دیا جاتا ہے اور وہی ثواب کا وقت ہوتا ہے کیونکہ ابتداء میں جبکہ انبیاء کمزور نظر آتے ہیں جو لوگ ان کو قبول کرتے ہیں وہ سب انعام کے وارث ہو جاتے ہیں۔ وہ لوگوں کو ایمان کی طرف بُلاتے ہیں اور ایمان کے ساتھ ان کو روحانی طاقت و قوت ملتی ہے۔ یہ محض خدا کا فضل ہے اور انسان کا اِس میں نقصان نہیں بلکہ فائدہ ہے۔ یہی وجہ ہے کہ انسان خدا کی راہ میں خرچ کر کے ضائع نہیں کرتا بلکہ اس کو اَور زیادہ ملتا ہے۔
صحابہؓ کرام کی مثال
صحابہ رضوان اللہ علیہم نے اپنے وطن کو چھوڑا اُن کو ان کے وطن سے بہتر وطن ملا۔ مکان چھوڑے ان سے بہتر مکان ملے،
بہن بھائی چھوڑے ان کو بہتر بہن بھائی ملے اور اُنہوں نے اپنے ماں باپ کو چھوڑا انہیں کروڑوں ماں باپ سے بہتر محبت کرنے والے رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم مل گئے۔ تو خدا کی راہ میں چھوڑنے والا ضائع نہیں کرتا بلکہ اُس کو بہت بڑھ چڑھ کر واپس ملتا ہے۔ یہ آیت جو میں نے پڑھی ہے اِس میں اللہ تعالیٰ فرماتا ہے۔ خدا کے رستے میں جس طرح اَور چیزیں خرچ کی جاتی ہیں اِسی طرح مال خرچ کرنے کے بھی موقعے پیش آتے ہیں لیکن کسی کو مال پیارا ہوتا ہے، کسی کو جان عزیز ہوتی ہے، کسی کو عزت و آبرو کا پاس و لحاظ ہوتا ہے اِس لئے مومن کی ہر طرح کی آزمائش ہوتی ہے اور جس طرح کا انسان ہو اُس کی اُسی طرح کی آزمائش ہوتی ہے۔ اگر کسی کو مال پیارا ہو تو وہ مال خرچ کرے، اگر کسی کو جان عزیز ہو تو وہ جان کو قربان کرے تا کہ معلوم ہو کہ اُس کا ایمان اِس قدر مضبوط ہے کہ خدا کی راہ میں پیاری سے پیاری چیز خرچ کرنے سے بھی دریغ نہیں کرتا۔
خداتعالیٰ کی راہ میں دیا ہوا کس قدر بڑھتا ہے
خداتعالیٰ فرماتا ہے۔ وہ لوگ
جو اللہ کی راہ میں مال خرچ کرتے ہیں اُن کی مثال ایسی ہے جیسے کہ کوئی دانہ کھیت میں ڈالا جائے اور وہ دانہ سات بالیں نکالے اور ہر بالی میں سَو دانہ ہو گویا ایک دانہ سے سات سَو گنا پیدا ہوا۔ یہ ایک مثال ہے ورنہ اللہ تعالیٰ تو فرماتا ہے اللہ تعالیٰ اس سے بھی بڑھا کر دیتا ہے اور اِس سے بھی زیادہ بڑھاتا ہے۔ خدا کی طرف سے دینے میں بخل تو تب ہو جبکہ اللہ تعالیٰ کے ہاں کسی چیز کی کمی ہو۔ اللہ بڑی وسعت، بڑی فراخی والا ہے اور پھر اللہ ہے وہ جانتا ہے کہ یہ شخص کس قدر انعام کا مستحق ہے۔ اگر کوئی کروڑوں گنے کا بھی مستحق ہو تو بھی اللہ تعالیٰ اس کے خرچ کئے ہوئے کو اس کے لئے بڑھا دے گا۔
دنیا میں ہم دیکھتے ہیں کہ جب زمیندار دانہ زمین میں ڈال دیتا ہے تو اللہ تعالیٰ اُس کو بڑھا کر دیتا ہے تو جو شخص اللہ کی راہ میں خرچ کرے گا کیسے ممکن ہے کہ اُس کا خرچ کیا ہوا ضائع جائے۔ اللہ کی راہ میں خرچ کئے ہوئے کا تو کم از کم سات سَو ملتا ہے اور اِس سے زیادہ کی کچھ حدبندی ہی نہیں۔ اگر انتہائی حد مقرر کر دی جاتی تو اللہ تعالیٰ کی ذات کو بھی محدود ماننا پڑتا جو خداتعالیٰ میں ایک نقص ہوتا اِس لئے فرمایا کہ تم خدا کی راہ میں ایک دانہ خرچ کرو گے تو کم از کم سات سَو دانہ ملے گا اور زیادہ کی کوئی حد نہیں جتنا بھی مل جائے۔ تو خوب یاد رکھو کہ اللہ کی راہ میں خرچ کرنا ضائع کرنا نہیں بلکہ بڑھانا ہے۔
حضرت مسیح ناصری نے فرمایا ہے کہ اپنے مال کو وہاں جمع کرو جہاں کوئی چور چرا نہیں سکتا اور غلّہ کو وہاں رکھو جہاں کوئی کیڑا کھا نہیں سکتا۔۲؎ یہ حضرت مسیح نے اپنے رنگ میں اچھی بات کہی ہے مگر قرآن کریم ان سے بڑھ کر کہتا ہے۔ اُنہوں نے صرف یہ فرمایا ہے کہ تم اگر خدا کے خزانہ میں جمع کرو گے تو کوئی چرا نہیں سکے گا لیکن قرآن کریم کہتا ہے کہ اگر تم خدا کے خزانہ میں جمع کرو گے تو یہی نہیں کہ کوئی اس کو چرائے گا نہیں بلکہ تمہیں کم از کم سات سَو گنا ہو کر ملے گا اور اس سے زیادہ کی کوئی حد بندی نہیں۔
پھر حضرت مسیحؑ کہتے ہیں کہ وہاں غلّہ کو کوئی کیڑا نہیں کھا سکتا مگر قرآن کہتا ہے کہ صرف کیڑے سے ہی محفوظ نہیں رہتا بلکہ ایک سے سات سَو گنا بڑھ بھی جاتا ہے۔
ہمیں کیا کرنا چاہیے
ہمارا زمانہ ایسی قربانی کا نہیں کہ جنگ کریں اور جان دیں، ہاں اِس طرح جانی قربانی بھی ہو سکتی ہے کہ کوئی محض اپنا وقت خرچ
کرے، محنت اُٹھائے۔ یا جس طرح ہمارے دو بزرگ کابل میں مارے گئے یا بعض کو اپنے وطن چھوڑنے پڑے اور یہاں آ کر آباد ہوئے۔ یہاں کے لئے برکتوں کا وعدہ ہے مگر اس میں اس طرح ہجرت کر کے آنا جس طرح مدینہ میں حکماً ہجرت کرنا پڑی تھی فرض نہیں ہے۔ ہاں اگر کوئی ہجرت کر کے آئے تو اس کے لئے بہت برکت کا موجب ہوگا۔
پس خوب یاد رکھو اِس وقت صرف ایک ہی راستہ کھلا ہے اگر وہ بھی بند ہو گیا تو پھر کوئی رستہ نہیں جس سے تمہیں دین کی خدمت کے لئے بُلایا جائے۔ حضرت صاحب نے ایک کام شروع کیا اُس کی مدد کرنا ہمارا فرض ہے۔ آپ نے براہین احمدیہ حصہ پنجم میں لکھا ہے کہ ہم نے جو دینی اور تبلیغی کام شروع کئے ہیں ہماری جماعت کا فرض ہے کہ چندوں سے اس کی مدد کرے۔ کیوں؟ اِس لئے کہ آپ کے وقت میں بڑی خدمت روپیہ کا خرچ کرنا ہی ہے اِسی لئے حضرت مسیح موعود علیہ السلام نے ان شرائط کے علاوہ جو شریعت نے مقرر کی ہیں صرف چندوں کے متعلق ہی لکھا ہے کہ جو شخص تین مہینہ تک چندہ نہ دے وہ میری جماعت سے نہیں ہے۳؎ تو آجکل جان نہیں مانگی جاتی مہینہ کے بعد چندہ طلب کیا جاتا ہے کیونکہ آجکل یہی کامیابی کا ذریعہ ہے۔
غور کرو حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام صرف ایک آدمی تھے مگر خدانے اُن کو اس قدر برکت دی اب آپ کے نام پر فدا ہونے والے کتنے ہیں اور دین کی خدمت کرنے والے کس قدر۔
اِس میں شک نہیں کہ ہماری جماعت دین کی خدمت کے لئے جو کچھ کر رہی ہے وہ دوسروں کے مقابلہ میں بہت بڑھ کے ہے لیکن دیکھنا یہ ہے کہ کیا یہ اِس قدر ہے جس قدر کہ ہماری جماعت کو کرنا چاہیے؟ اِس کے متعلق کہنا پڑتا ہے کہ دوسرے مذاہب کے مقابلہ کے لئے جس جدوجہد کی ضرورت ہے اس سے اب تک کام نہیں لیا گیا۔ یہ سچ ہے کہ ’’ہونہار بروا کے چکنے چکنے پات‘‘ مگر کوئی ہونہار بروا دیکھ کر پانی دینا چھوڑ دے کہ بس اب کیا کرنا ہے تو یہ اُس کی نادانی ہے۔
حضرت مسیح موعود علیہ السلام نے ایک جگہ پر لکھا ہے کہ وہ وقت آتا ہے جبکہ جس طرح خدا ایک ہے اِسی طرح زمین پر بھی ایک ہی دین ہوگا۴؎ مگر غور کرو کہ دنیا کے مقابلہ میں ہماری کیا تعداد ہے۔ پنجاب میں سینکڑوں گاؤں ایسے ہیں کہ وہاں کوئی احمدی نہیں، ہندوستان میںبہت کثرت سے گاؤں ہیں جہاں احمدیت کا کوئی نام تک نہیں جانتا، یورپ تو قریباً سارا ہی خالی ہے۔ ہماری دوسروں کے مقابلہ میں وہ جو آٹے میں نمک کی مثال بیان کیا کرتے ہیں وہ بھی نہیں ہے تو ابھی ہماری مثال ایسی ہی ہے جیسے کہ چھوٹا پودا جس کو ذرا سی طاقت سے بھی اُکھاڑ کر باہر پھینک دیا جا سکتا ہے لیکن جب وہ درخت بڑھ جاتا ہے تو پھر بڑی بڑی طاقتیں بھی اُس کو اس کی جگہ سے جنبش نہیں دے سکتیں اِس لئے اِس وقت بہت کوشش کی ضرورت ہے۔ پس وہ اقرار جو ہم نے حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے ہاتھ پر کئے ان کے پورا کرنے کا اب وقت ہے۔ ہم نے وعدہ کیا ہے کہ جس چیز کی بھی ضرورت ہوگی ہم اسلام کی راہ میں صرف کریں گے۔ اگر مال کی ضرورت ہوگی تو مال، اگر جان مطلوب ہوگی تو اس کے خرچ کرنے سے بھی گریز نہیں کیا جائے گا۔ اب جان کا وقت نہیں ہاں مال کی ضرورت ہے سو اِس کے متعلق یہ مت خیال کرو کہ اگر خدا کی راہ میں صرف کرو گے تو وہ ضائع ہو جائے گا۔ نہیں ضائع نہیں ہوگا بلکہ اس کے متعلق اللہ تعالیٰ فرماتا ہے۔ کہ تم جو اللہ کی راہ میں خرچ کرو گے وہ ضائع نہیں جائے گا بلکہ بہت بڑھایا جائے گا۔
پس اِس کام کی اہمیت اور عظمت کو سمجھو اور خدا کی راہ میں قربانی کرو۔ اگر تم پوری طاقت اور کوشش سے اس راہ میں قدم نہیں بڑھاؤ گے تو جو کچھ اَب تک کر چکے ہو وہ ضائع ہو جائے گا۔ اب یہ درخت زمین سے کسی قدر بلند ہو گیا ہے اگر تم نے اس سے بے اعتنائی کی تو ضائع ہو جائے گا۔ پس دوسروں کی نسبت ہماری حالت خطرناک ہے۔ ہمارے لئے بہت احتیاط کی ضرورت ہے۔ دنیا نے اِس خدمت کو ردّ کیا مگر خدا نے اِسے ہمارے سپردکیا۔ پس ایسا نہ ہو کہ ہم نالائق ثابت ہوں۔ اب بیٹھنے کا وقت نہیں اور نہ ہی پیچھے ہٹنے کا وقت ہے۔ ہم جو قدم آگے بڑھاتے ہیں اُس کے پیچھے دیوار کھڑی کر دی جاتی ہے اور جتنے بڑھتے ہیں ہمارے پیچھے کنویں کھود دیئے جاتے ہیں اِس لئے ہم پیچھے نہیں ہٹ سکتے۔ہم اُسی قدر کوشش اور سعی کرنے کے ذمہ دار ہیں جس قدر ہم کر سکتے ہیںزیادہ کا ہم سے مطالبہ نہیں کیا جائے گا آگے اللہ تعالیٰ خود ذمہ دار ہے ہماری جماعت کو یہی حکم ہے کہ جس قدر وہ کر سکے دین کی راہ میں خرچ کرے۔
قادیان کی جماعت
اِس وقت سب سے پہلے میری مخاطب قادیان کی جماعت ہے کیونکہ وہ اُن برکتوں سے حصہ لینے والے لوگ ہیں جو قادیان
میں رکھی گئی ہیں اور وہ بہت فیضان حاصل کرتے ہیں۔ دین کی معرفت کی باتیں جو انہیں معلوم ہوتی رہتی ہیں وہ دوسروں کو نہیں، سلسلہ کی دینی سیاست کے متعلق جو یہاں کے احباب سے مشورے لئے جاتے ہیں وہ باہر کے دوستوں سے نہیں کئے جا سکتے اس لئے جہاں برکات سے زیادہ حصہ یہاں کی جماعت کے لوگ پاتے ہیں وہاں ضروری ہے کہ دین کی خدمات میں بھی یہ باہر کے لوگوں سے زیادہ حصہ لیں اور زیادہ قربانی کر کے دِکھلائیں۔ پس چاہیے کہ یہ لوگ باہر کے لوگوں کیلئے نمونہ بنیں۔ میں نے قرضہ صدر انجمن کیلئے سالانہ جلسہ کے موقع پر جماعت کو توجہ دلائی تھی۔ سو خدا کے فضل سے وہ قرضہ قریباً اُتر گیا ہے لیکن ایک حصہ اَور ہے جو توجہ چاہتا ہے۔
یہاں پر جو کام ہو رہے ہیں ان کے دو حصہ ہیں ایک تو وہ جو قادیان میں ہی جاری ہیں مثلاً لنگر ہے، مدرسہ ہے، ریویو ہے وغیرہ۔ یہ سب کام صدرانجمن کے سپرد ہیں۔ دوسرا کام بیرونی تبلیغ ہے یہ (انجمن) ترقی ٔ اسلام کے سپرد ہے۔ تبلیغ کا کام بڑے پیمانے پر وسیع ہو رہا ہے اس لئے ترقی اسلام کی انجمن مقروض ہوتی جا رہی ہے باہر نئی جماعتیں قائم ہو رہی ہیں ان کے لئے ابتداء ً خرچ کی ضرورت ہوگی پھر خدا کے فضل سے ان پر خرچ کرنے کی کوئی ضرورت نہیں رہے گی اور وہ نہ صرف اپنا خرچ آپ برداشت کریں گی بلکہ دوسروں کے لئے خرچ کرنے میں مدد دیں گی۔ انگلستان، ماریشس، سیلون، سیرالیون میں اِس وقت جماعتیں بن رہی ہیں اور جنگ کی وجہ سے ہمارے جو دوست ایران میں ہیں اُن کے ذریعہ وہاں بھی بیج بویا گیا، برما میں بھی جماعت قائم ہوگئی ہے ان کے لئے روپیہ کی ضرورت ہے۔ مگر یورپ کے عیسائی یا آریہ یا غیر احمدی وغیرہ لوگ تو حضرت مسیح موعود علیہ السلام کا نام پھیلانے کے لئے خرچ کرنے نہیں آئیں گے اگر کوئی خرچ کرے گا تو وہ احمدی جماعت کے لوگ ہی ہوں گے تو ضروریات بڑھتی جا رہی ہیں۔ خدا کے کام ہو کر رہیں گے مگر جو تم خرچ کرو گے وہ ضائع نہیں ہوگا ،جو شخص یہ خیال کرتا ہے کہ اس کا خدا کی راہ میں خرچ کیا ہوا ضائع ہو جائے گا وہ غلط خیال رکھتا ہے اور اس کے لئے بہتر تھا کہ وہ پیدا ہی نہ ہوا ہوتا۔ اُس کی موت اُس کی ایسی زندگی سے بہتر ہے۔ مومن خدا کی راہ میں خرچ کر کے ایک کے بدلے میں کم از کم سات سَو پائے گا۔ یہ جہان ختم ہو جائے گا مگر اگلا جہان ختم ہونے والا نہیں۔ اس لئے خدا کے انعام بھی ختم ہونے والے نہیں۔ وہ شخص جو اِس دنیا میں خدا کی راہ میں مال خرچ کرنے سے دریغ کرتا ہے مال اُس کے کام نہیں آئے گا۔ جب دفن کر کے آئیں گے تو خزانہ بھی اُس کے ساتھ دفن نہیں کر دیں گے اور اگر ایسا کر بھی دیں تو اُسے فائدہ کیا ہو سکتا ہے۔
پس سوچنا چاہیے کہ وہ وقت جبکہ ماں باپ بہن بھائی تک جواب دے دیںگے اور ہر ایک کو اپنی اپنی ہی پڑی ہوگی اُس وقت اگر کام آئے گا تو یہی اپنا خرچ کیا ہوا جو کہ خدا کی طرف سے بے شمار ہو ہو کر واپس ملے گا۔ ۵؎ وہ ایسا وقت ہوگا کہ کوئی کسی کے کام نہیں آئے گا ہر ایک شخص اپنی فکر میں ہوگا۔ پس دین کی خدمت کی طرف توجہ کرو۔ میں نے تحریک کی تھی کہ ہماری جماعت کا ایک سَو آدمی سَو سَو روپیہ دے تا کہ تبلیغ ولایت کا کام چلے۔ چنانچہ احباب نے وہ دیا اب وہ روپیہ ختم ہو گیا ہے اور ضروریات درپیش ہیں پس یہاں کے لوگ بھی جلسہ کریں اور باہر کی جماعتیں بھی جلسہ کریں۔ اب فضل کے دروازے کھولے گئے ہیں جس قدر خرچ کر سکتے ہو کر دو ورنہ وقت آئے گا کہ لوگ خرچ کرنا چاہیںگے مگر اُن کے لئے خرچ کا موقع نہیں ہوگا۔ ابتداء ً ہی انعام کا موقع ہوتا ہے۔ آج تو ہم دین کے لئے مانگنے جاتے ہیں پھر لوگ دینے آئیںگے مگر لینے والوں کو ضرورت نہ ہوگی تو سب سے پہلے قادیان کی جماعت نمونہ دکھائے۔ جہاں تک ہو سکے کرے۔
اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ ہماری جماعت کے لوگ اِس کام کی اہمیت کو سمجھ لیں یہ خطرناک وقت ہے۔ خداوند تعالیٰ ہمیں اس میں کامیاب ہونے کی توفیق دے اور اپنے فضل سے کامیابی کا منہ دکھائے۔ آمین (الفضل ۲۵؍ اگست ۱۹۱۷ئ)
۱؎ البقرۃ: ۲۶۲
۲؎ متی باب ۶ آیت ۲۰ برٹش اینڈ فارن بائبل سوسائٹی لندن ۱۸۸۷ء
۳؎ تبلیغ رسالت جلد۱۰ صفحہ۴۹۔۵۰ ۔ایڈیشن اوّل
۴؎ تذکرۃ الشہادتین روحانی خزائن جلد ۲۰ صفحہ۶۶۔۶۷
۵؎ عبس: ۳۵ تا ۳۸

۷۲
فتنہ سے بچو کیونکہ یہی ہلاکت کی راہ ہے
(فرمودہ ۲۴؍ اگست ۱۹۱۷ئ)
تشہد ، تعوذ اور سورۃ فاتحہ کے بعد حضور نے مندرجہ ذیل آیات کی تلاوت کی:۔
۱؎
بعد ازاں فرمایا:۔
’’میری طبیعت چونکہ کچھ دنوں سے بیمار ہے اِس لئے میرا ارادہ ہے کہ اس آنے والے ہفتہ میں چند دنوں کے لئے تبدیلی آب و ہوا کے لئے باہر چلا جاؤں۔ آج بھی طبیعت صاف نہ تھی حلق کی بیماری جس کے علاج کے لئے دو سال ہوئے لاہور جانا پڑا تھا پھر شروع ہوگئی ہے تھوڑا سا بولنے میں بھی درد ہونے لگتا ہے، تپ بھی ہو جاتا ہے۔ کمزوری ایسی ہو گئی ہے کہ یہاں تک چل کر آیا ہوں تپ ہو گیا ہے۔ لیکن خدا نے انسان کو کچھ قواعد کے ماتحت بنایا ہے جن قواعد کے ماتحت انسان ہو ان قواعد کی پابندی ہر انسان کو ضروری ہے۔ جس کام کے لئے خدا نے مجھ کو کھڑا کیا ہے میرے لئے بہرحال ضروری ہے کہ اس کا خیال رکھوں۔ پس میں نے ضروری سمجھا کہ میں آج جمعہ کے دن آپ لوگوں کو کچھ سمجھاؤں اور بیرونی جماعتوں کو یہ باتیں اخبار کے ذریعہ پہنچ جائیں گی۔
دنیا میں فتنہ و فساد کے نمونے اِس قدر ملتے ہیں کہ ان کے متعلق کچھ کہنے کی ضرورت نہیں وہ خود متوجہ کرتے ہیں۔ کون سا مُلک ہے جہاں فتن و فساد کے نمونے نہیں اور جس کو فتنہ و فساد نے تباہ نہیں کیا۔ وہ کون سا مذہب ہے جس کی ہلاکت کا باعث تفرقہ نہیں ہوا۔ ہر انسان کے لئے خواہ وہ کسی قوم ومذہب یا مُلک سے تعلق رکھتا ہو اِس کے تلخ نمونے موجود ہیں یعنی وہ نصیحت پکڑ سکتا ہے مگر باوجود اِس کے کہ ہر جگہ نمونے موجود ہیں ۹۹ فیصدی ایسے انسان ملتے ہیں جو فتنہ و فساد سے بچنے کی کوشش نہیں کرتے۔
خود مسلمانوں نے ہی اِس فتنہ و فساد کے باعث وہ تلخ جام پیا کہ ایک درد رکھنے والا ان واقعات کو پڑھ کر برداشت نہیں کر سکتا کہ آنسوؤں کو تھام سکے۔ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے ہاتھ پر قائم ہونے والی جماعت جس نے ایثار کے ایسے نمونے دکھائے کہ کوئی کیا دکھا سکے گا، جنہوں نے تمام چیزوں کو لات مار دی، مال اُنہوں نے چھوڑ دیئے، جانوں کی اُنہوں نے پرواہ نہ کی، وطن سے وہ نکل گئے، رسم و رواج کو اُنہوں نے مٹا دیا، اپنے خیالات اور جذبات کو اُنہوں نے ترک کر دیا، ہر ایک وہ چیز جو اُن کو پسند تھی اُس کو خدا کی راہ میں قربان کر دیا، درمیان میں انہوں نے کوئی بات نہ رہنے دی گویا وہ مٹ گئے۔ خدا ہی خدا باقی رہ گیا، خدا موجود تھا ان کا کچھ باقی نہیں رہا۔ یہی توحید ہے اور یہی توحید پر ایمان لانا۔
منہ سے تو عیسائی بھی کہتے ہیں کہ ہم توحید پرست ہیں۔ عیسائی مسلمانوں کو الزام دیتے ہیں کہ مسلمان مشرک ہیں اپنے مُلک میں یہ لوگ مسلمانوں کے خلاف جب لوگوں کو نفرت دلاتے ہیں تو یہ بھی کہتے ہیں کہ مسلمان مشرک ہیں حالانکہ تثلیت کو پوجنے والے عیسائی خود ہیں اور منہ سے تو وہ قوم بھی جو تینتیس کروڑ دیوتا پوجنے والی قوم ہے یہی کہتی ہے کہ ہماری قوم موحد ہے اور شرک بُری چیز ہے۔ زرتشتی سمندر کے پاس جا کر اِس کو سجدہ کریں گے، آگ کو سجدہ کرتے، سورج سے دعائیں مانگتے ہیں لیکن ان کے دستور جس وقت ممبر پر کھڑے ہوں گے یہی کہیں گے کہ شرک بُری چیز ہے اور خدا صرف ایک ہی ہے۔
پس حقیقت میں خدا کا ایک ماننا کیا ہے کہ درمیان سے اپنے آپ کو مٹا ڈالے عملی توحید ہی اصلی چیز ہے۔ انسان کا نفس اس کو خدا کی راہ سے نہ روکے، مال اس کو خدا کی طرف سے نہ ہٹا سکے، رشتہ دار، خیالات و جذبات، دولت و جائداد غرض کوئی بھی عزیز چیز ایسی نہ ہو جو اس کے لئے خدا کے رستہ میں روک ہو۔ پردہ پھٹ جائے دوئی مٹ جائے ایک خدا ہی خدا رہ جائے۔
غور کرو مسلمان وہ لوگ تھے جو رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے ہاتھ پر اسلام لائے۔ اُنہوں نے اپنے آپ کو اِس راہ میں مٹا ڈالا، انہوں نے تمام عقلی و نقلی دلائل حقانیت اسلام سے گزر کر عملاً ثابت کیا کہ خدا ایک ہے۔ نہ نفس ان پر غالب آ سکا نہ جذبات ان کے لئے ٹھوکر کا موجب بن سکے کوئی روک ان کے درمیان حائل نہ رہی لیکن ایسی توحید پرست قوم جس نے زبانوں اور قولوں سے گزر کر عمل سے ثابت کیا کہ خدا ایک ہے جب ان میں فتنہ پڑا بھائی نے بھائی کو قتل کیا، بیٹے نے باپ کو، شریروں نے فتنہ ڈلوایا وہ امتیاز جو رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے باعث قائم ہوا تھا مٹ گیا۔ ہم جو ان کا ادب کرتے ہیں صرف اس لئے کہ ان کی جنگ بھی توحید کی خاطر تھی اور پھر اخلاص سے تھی لیکن اِس میں شک نہیں کہ شریر لوگوں نے اس وحدت کو مٹا ڈالا۔ علیؓ کا لشکر معاویہ کے مقابلہ میں آ گیا اور حضرت عائشہؓ ،طلحہؓ اور زبیرؓ، علیؓ کے مقابلہ میں آگئے غرض ہر رنگ میں دشمن اتفاق و اتحاد نے اتفاق کو توڑ دیا تھا۔ وہ ترقی جو مسلمانوںکو ہو رہی تھی رُک گئی مگر اس فتنہ میں بھی صحابہ نے ہمت نہ چھوڑی اور اپنے کام میں لگے رہے۔ انہوں نے تشدد سے اس تفرقہ میں بہرحال حفاظت اسلام کے لئے کوشش کی۔ بنو امیّہ نے تشدد سے کام لیا اگرچہ وہ اسلام کے خلاف تھا مگر اسلام کو بچانے والا ضرور تھا۔ اُن کو چاہیے تھا کہ لوگوں کو اسلام کی طرف بُلانے کے لئے دُعاۃ مقرر کرتے اور مبلّغوں کے ذریعہ اتحاد پیدا کرتے۔
بیشک کہا جاتا ہے کہ یہ لوگ جابر و ظالم تھے مگر ان لوگوں میں ایسے بھی تھے جو اسلام کے سچے خادم تھے۔ ان میں سے بعض پر بڑے بڑے الزام لگائے گئے ہیں۔ چنانچہ یزید تو متفقہ طور پر بڑا ظالم، جابر، فاسق انسان تھا لیکن اگر مجموعی طور پر دیکھا جائے تو اُنہوں نے اسلام کی حفاظت کی ہے جس کا انکار نہیں کیا جا سکتا۔ ان سب کو جو بُری نظر سے دیکھا جاتا ہے اس کی وجہ بجز اِس کے کچھ نہیں کہ بنو اُمیّہ کے بعد عہدِ حکومت بنو عباس کا تھا۔ ان سے جس قدر ہو سکا بنو اُمیّہ کے معائب کی تشہیر کی اور ان کو بدنام کیا اور ان کی خوبیوں کو چھپایا۔ جس وقت بنو عباس غالب ہوئے اُنہوں نے بنو اُمیّہ کا اِستیصال شروع کر دیا۔ بنو اُمیّہ کے وقت میں صرف مسلمانوں کی ایک حکومت تھی لیکن بنو عباس کے وقت میں مختلف حکومتیں قائم ہوگئیں۔ چنانچہ ہسپانیہ میں جو حکومت تھی وہ بڑی شان و جبروت کی تھی۔
غور کرو یہ اختلاف کیا تھا؟ صرف قومی اختلاف تھا۔ بنو عباس اور بنو اُمیّہ کی ذاتی خصومتیں تھیں۔ معمولی باتوں پر اختلاف شروع ہوا اور مسلمانوں کا اتفاق و اتحاد سب غارت ہوگیا۔ میں نے ۱۹۱۵ء کے جلسہ میں بتایا تھا کہ کس طرح حضرت عثمانؓ کے وقت میں معمولی معمولی باتوں نے حضرت عثمانؓ کو شہید اور مسلمانوں کو خانہ جنگی کا شکار کیا۔ بنو اُمیّہ کے خلاف شکایات آتی تھیں حضرت عثمانؓ نے ان کو کچھ اہمیت نہ دی اور یہ محض ایک قومی جھگڑا تھا جیساکہ کبھی ہندوستانی اور پنجابی کا جھگڑا شروع ہو جایا کرتا ہے۔ ہر ایک گروہ اپنی ترقی کا خواہاں تھا۔ پس اِس جھگڑے نے جو رنگ اور جو صورت اختیار کی اُس کا نتیجہ جو کچھ ہوا میں نے خوب کھول کر بیان کر دیا تھا۔
عجمی لوگ اپنی بڑائی چاہتے تھے کہ عربوں سے تمام عہدے چھین کر عجمیوں کو دے دیئے جائیں بھلا یہ کیسے ہو سکتا تھا۔ عرب وہ لوگ تھے جنہوں نے آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی صحبت پائی تھی اس وجہ سے وہ بادشاہ ہوئے تھے۔ ابتداء میں ان کا عمل دخل ضرور تھا لوگوں کو چاہیے تھا کہ ان سے پہلے اسلام سیکھتے چنانچہ تمام لوگ ان عہدوں پر عرب ہی ہوئے، قاضی وغیرہ مگر ایرانیوں نے اِس بات کو ناپسند کیا اور چالیں شروع کر دیں۔ بعض نے حضرت علیؓ کی اولاد کی طرفداری شروع کی، بعض بنو عباس کی طرف ہوگئے کہ یہ لوگ حضرت عبداللہ بن عباس عمِ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی اولاد سے تھے۔ چنانچہ حضرت عبداللہ بن عباس کے پوتے محمد بن علی بن عبداللہ نے آہستہ آہستہ ایران میں آدمی بھیج کر لوگوں کو اپنی طرف متوجہ کیا اگرچہ یہ ایک معمولی بات تھی مگر اسلام کے لئے آئندہ چل کر کیسی خطرناک ثابت ہوئی۔ بنو اُمیّہ کو مٹایا گیا اور پہلی ہی دفعہ دو اسلامی حکومتیں قائم ہوگئیں۔ مسلمان چاہتے تھے کہ ایک ہی ان کا بادشاہ ہو مگر جب بنو عباس نے زور پکڑا تو ہسپانیہ میں بنو اُمیّہ کی ایک شاخ نے علیحدہ حکومت کھڑی کر دی۔ اب بنو فاطمہ نے کہا کہ اگر رسول اللہ ﷺ کے چچا کی اولاد ہونے کی وجہ سے بنوعباس حکومت کے حقدار ہو سکتے ہیں تو ہم بدرجہ اَولیٰ حکومت کے حقدار ہیں۔ چنانچہ فاطمیوں نے اپنی الگ حکومت مصر میں قائم کر لی گویا اب تین حکومتیں ہوگئیں۔ اتحاد مٹ گیا، ایرانی آگے بڑھ گئے۔
وہ کتنا بڑا ظالمانہ حکم تھا جو ابوالعباس سفاح نے دیا کہ تمام وہ لوگ جو عربی بولنے والے ہیں قتل کر دیئے جائیں۔ اِس حکم کی تعمیل میں جس قدر عربی بولنے والے ملے ہلاک کئے گئے۔ بڑے بڑے علماء شہید ہوگئے، چھ لاکھ عربی بولنے والا انسان خراسان کے علاقہ میں قتل کیا گیا۔ یہ وہ لوگ تھے جو اس لئے اپنے گھروں کو چھوڑ کر باہر گئے تھے کہ اسلام کی حفاظت کریں اور یہ وہ لوگ تھے جو سپاہی تھے، جوان تھے۔ اگرچہ موت سب پر آتی ہے مگر ان لوگوں کے خیال کے مطابق جو اِس بات کے قائل ہیں کہ تدبیر سے موت میں کچھ تعویق ہو سکتی ہے وہ لوگ کچھ عرصہ اور جی جاتے مگر دیکھنا یہ ہے کہ اسلام کو اِس قتل عام سے کتنا بڑا نقصان پہنچا۔ نتیجہ اِس قتل و غارت کا یہ ہوا کہ عربوں نے بالکل قطع تعلق کر لیا۔
عباسیوںکی حکومت سے اُنہوں نے کچھ واسطہ نہیں رکھا۔ پھر عباسی خلیفوں پر ترک غلاموں نے اتنا غلبہ پایا کہ خلفاء کو ترکی غلام تخت پر سے نیچے کھینچ لیا کرتے تھے۔ پھر میں نے سنایا تھا کہ شیعہ سنی کے سوال نے کتنا فتنہ برپا کیا تھا جس کی صرف یہ وجہ تھی کہ وزیر شیعہ تھا وہ چاہتا تھا کہ سنیوں کو سزا دِلوائے۔ ولی عہد سلطنت اُس کے اِس ارادہ میں مزاحم ہوا۔ پس وہی ایرانی جن کی خاطر عربوں کا استیصال کیا گیا تھا اب خلفاء کے خلاف ہلاکو خان کو چڑھا لائے۔ ۱۸ لاکھ زن و مرد بوڑھا بچہ بغداد میں قتل ہوا۔ خدا نے سزا دِلوائی کہ تم نے چھ لاکھ قتل کرایا اب تمہارے ۱۸ لاکھ قتل ہوتے ہیں۔ پھر اِسی پر بس نہیں بلکہ عباسیوں کے خاندان کی ایک ہزار عورت سے زبردستی زنا کیا کہ آئندہ کوئی ان کی نسل سے ایسا آدمی نہ اُٹھ کھڑا ہو جو دعویٰ خلافت کر دے۔ اِس کے علاوہ اَور تباہی ایسی آئی جس کی کوئی حد نہیں۔
یا تو مسلمانوں کا اتفاق و اتحاد زبان زدِ خواص و عوام تھا اور ان کے اتحاد کا ایک رُعب تھا لیکن اِن واقعات کے بعد جب آپس میں خوب اچھی طرح پھوٹ پڑگئی یورپ کے لوگوں نے گیارہویں، بارہویں، تیرہویں صدی میں جو صدمہ اسلام کو پہنچایا وہ کوئی کم درد انگیز نہیں۔ یورپ کے لوگ مسلمانوں پر اِس لئے چڑھ آئے تھے کہ مسلمانوں کو مٹا کر شام کا مُلک خصوصاً بیت المقدس ان کے قبضہ سے نکال لیں۔ اُس وقت مسلمانوں کو اپنے مسلمان بھائیوں سے کیا مدد پہنچی؟ وہ یہ تھی کہ فرقہ باطنیہ کے بادشاہ نے عیسائیوں کو لکھ بھیجا کہ آپ کو جس قدر مدد درکار ہوگی میں مسلمانوں کے خلاف بہم پہنچاؤں گا۔ وہ ایسی ظالمانہ جنگیں تھیں کہ عیسائی مؤلفین تک ان کو ظالمانہ جنگیں کہتے ہیں۔ ان میں عیسائیوں نے مسلمانوں کے بوڑھوں، بچوں ،عورتوں تک کو قتل کر ڈالا تھا۔ چنانچہ اس مسلمان بادشاہ نے فرانس کے عیسائی بادشاہ فلپ کو اپنے ہاں بُلوایا۔ جس مکان میں اس سے ملاقات کی اس کی اوپر کی منزل میں کھڑکیاں تھیں۔ اُن میں دو دو پہرے دار کھڑے تھے۔ فلپ کو اپنا رُعب اور اپنی مدد کی اہمیت دکھانے کے لئے کہا کہ یہ میرے پہرہ دار ہیں میں دکھاؤں کہ یہ کیسے فرمانبردار ہیں؟ ہاتھ سے دو کی طرف اشارہ کیا وہ دونوں اوپر کی منزلوں سے زمین پر گرے اور گرتے ہی ٹکڑے ٹکڑے ہوگئے اور جب ان کا یہ انجام ہو چکا دو اَور کو اشارہ کیا وہ بھی اُسی طرح گر کر ٹکڑے ٹکڑے ہوگئے۔ اس باطنیہ فرقہ کے ایک فدائی نے ان صلیبی جنگوں میں یہ کام کیا کہ صلاح الدین جو نہایت نیک اور بہادر مسلمان بادشاہ تھا اور اکیلا تمام یورپ کے مقابلہ میں مدافعت کر رہا تھا عین اُس وقت جب کہ وہ نماز پڑھ رہا تھا اس پر حملہ کیا۔ خدا کی قدرت کہ حملہ کرنے والا ٹھوکر کھا کر صلاح الدین کے آگے جا گرا اور تلوار ہاتھ سے گر گئی۔ سلطان نے تلوار اُٹھا کر اس کو قتل کیا۔ اسی طرح اس فرقہ باطنیہ کے فدائیوں نے دوتین دفعہ بعض خطرناک موقعوں پر اس پر حملہ کیا مگر خدا نے اس کی حفاظت کی اور ان کے شر سے محفوظ رکھا۔
غرض اِس فتنہ، اِس شقاق کا نتیجہ یہ ہوا کہ ایک گھر بھی ایسا نہ رہا جو مل کر بیٹھ سکے۔ کوئی صوفی مسلمانوں کو جمع نہ کر سکا، کوئی عالم جمع نہ کر سکا۔ جس قدر انہوں نے مسلمانوں کے جمع کرنے کی کوشش کی اُسی قدر خلاف ثابت ہوئی کسی نے کہا ہے ۔
مرض بڑھتا گیا جوں جوں دوا کی
جتنی کوشش کی گئی اُسی قدر نفاق بڑھا اور فتنہ نے ترقی کی۔ آج مسلمانوں سے بڑھ کر کوئی ذلیل قوم نہیں۔ یا وہ وقت تھا کہ مسلمانوں سے بڑھ کر کوئی معزز قوم نہ تھی۔
سو یہ مسلمانوں کا حال ہوا کہ ان کا کوئی وقار قائم نہ رہا۔ کس طرح نہ رہا ؟اِسی طرح کہ ان کو اتفاق و اتحاد کے باعث یہ سب عزت ملی لیکن جب معمولی معمولی باتوں پر کہیں عہدہ کی وجہ سے کہیں کسی اور وجہ سے آپس میں جنگیں چھڑ گئیں۔ بنو عباس کی بنو اُمیّہ سے نہیں بنتی تھی، بنی فاطمہ کا بنو عباس سے نبھاؤ نہیں ہوتا تھا، آپس میں لشکر کشیاں ہو کر اسلام کے لئے کتنا خطرناک نتیجہ برآمد ہوا۔ وحدت گئی، رُعب گیا، زور ٹوٹ گیا۔ یہ اتفاق و اتحاد خدا کا فضل ہوتا ہے۔ مجددین و صوفیا مولویوں وغیرہ نے ہزار کوشش کی مگر وہ بات پیدا نہ کر سکے جو آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی صحبت پاک نے مسلمانوں میں پیدا کر دی تھی۔
تیرہ سَو برس میں یہ بات حاصل نہیں ہوئی مگر اب خدا ہی کے فضل سے ایک نبی کی معرفت ایک جماعت قائم ہوئی ہے۔ پہلوں کے تلخ تجربہ سے فائدہ اُٹھاؤ۔ تمہارے ہاں فتنہ بھی پیدا ہوں گے، شریر بھی ہوں گے فتنہ پیدا کریں گے، ان سے بچنے کے لئے ابھی سے کوشش کرو۔ اور اگر ابھی سے ہر قسم کے فتنوں اور فسادوں سے بچنے کی کوشش نہیں کرو گے اور ان باتوں سے پرہیز نہیں کرو گے جو ابتداء ً اگرچہ معمولی نظر آتی ہیں مگر حقیقت میں انہی سے بعد میں بڑے بڑے خطرناک نتائج پیدا ہوتے ہیں۔ مرض کی ابتدا ہو یا مرض کا خطرہ ہو اُسی وقت اُس کا علاج زیادہ سُود مند ہوتا ہے لیکن جب مرض ترقی کر جائے پھر علاج مشکل اور اکثر اوقات ناممکن ہو جایا کرتا ہے۔ غافل انسان بات کرتا ہوا نہیں سوچتا مگر اُس کی بات خطرناک نتائج پیدا کر سکتی ہے۔ خوب یاد رکھو کہ ہمیشہ فتنہ چھوٹی چھوٹی باتوں سے ہی ترقی کیا کرتا ہے۔
فرمایا اے مسلمانو! جب ہم اتفاق و اتحاد پیدا کر دیں پھر تم اس کو توڑنے سے پرہیز کرو۔ خدا نے قرآن اور نبی اور ان کے خلفاء کے ذریعہ اتفاق پیدا کیا ہے اس کے توڑنے والے کو ڈرنا چاہیے کیونکہ جو بات انسان خود پیدا کرتا ہے اس کو تو دوبارہ بنا سکتا ہے لیکن جو بات انسان کے اختیار میں نہ ہو اس کا ضائع کرنا عقلمندی نہیں۔ کوئی شخص نہیں جو اپنی آنکھ پھوڑے اور کوئی نہیں جو اپنے کان اور اپنی ناک کو کاٹ ڈالے۔ کیوں نہیں؟ اس لئے کہ انسان کو اِن چیزوں کے بنانے پر دسترس نہیں۔
یاد کرو کہ ایک وقت تھا کہ تم آپس میں دشمن تھے، خدا نے تم میں صلح پیدا کر دی اب اگر تم اس خدا کی پیدا کی ہوئی صلح کو توڑ ڈالو گے تو پھر اِس کو جوڑ نہیں سکو گے۔ پس میں احمدی جماعت کو نصیحت کرتا ہوں کہ پہلوں کے حالات سے نصیحت پکڑیں۔ پہلے مفسد ہوئے اب بھی ہوں گے۔ اور یاد رکھو کہ فتنہ چھوٹی چھوٹی باتوں سے ہی پیدا ہوا کرتا ہے۔ نتیجہ میں پہلوں کے حالات کو سامنے رکھ لو۔ اگر فتنہ کی راہوں سے بچنے کی کوشش نہیں کرو گے تو خوب یاد رکھو کہ ان لوگوں کا نتیجہ کیا ہوا تھا؟ جو اُن کا انجام ہوا وہی تمہارا ہوگا یعنی جماعت میں تفرقہ اندازی سے بڑھ کر ہلاکت کی راہ کوئی نہیں۔ جو رستہ پہلے خطرناک ثابت ہوا ہو کوئی دانا اس رستہ پر نہیں چلتا۔ کیا کوئی شخص ہے جو گلے پر چھری پھیر لیتا ہو؟ ہر گز نہیں۔ کیوں نہیں؟ اس لئے کہ جانتا ہے کہ چھری پھیرنے سے گلا کٹ جائے گا۔ کوئی نہیں جو سانپ کے بچہ سے کھیلے وہ جانتا ہے کہ سانپ ڈنگ مارے گا جس سے جان جائے گی۔ کوئی انسان نہیں دیکھا ہوگا جو جنگلی شیر کے منہ میں دیدہ دانستہ اپنا ہاتھ ڈال دے کیونکہ جانتا ہے کہ اس کا نتیجہ یہ ہوگا کہ شیر چیر پھاڑ کر ٹکڑے ٹکڑے کر ڈالے گا مگر فتنہ کی راہ اس سے بھی زیادہ تجربہ شدہ ہے۔ سانپوں کے ڈسے ہوئے بچ جاتے ہیں، شیر کے پھاڑے ہوؤں کا علاج ہو جاتا ہے۔ آگ سے سلامتی ہو جاتی ہے لیکن اگر نہیں سلامتی تو فتنہ کے بعد نہیں۔ کوئی نظیر نہیں بتلائی جا سکتی کہ فتنہ کے بعد کوئی قوم سلامت رہی ہو۔ پھر حیرت ہے باوجود یہ جانتے ہوئے کیسے لوگ فتنہ اندازی سے نہیں ڈرتے مگر حقیقت یہی ہے کہ لوگ نہیں جانتے کہ فتنہ کا نتیجہ کیا ہوتا ہے۔ پس خوب یاد رکھو کہ فتنہ نے کسی قوم کو سلامت نہیں رکھا حتی کہ اسلام کی جو کہ آخری جماعت ہے اور جو اپنے سے پہلی تمام جماعتوں سے برگزیدہ ہے وہ بھی اس کے بَد نتائج سے نہ بچ سکی۔ تو پھر ہماری جماعت جو اسلام سے باہر نہیں بلکہ جس کا دعویٰ یہ ہے کہ اگر حقیقی اسلام اِس وقت کسی جماعت کے پاس ہے تو وہ خدا کے فضل سے ہماری ہی جماعت ہے پس کیسے فتنہ کے بَدنتائج سے محفوظ رہ سکتی ہے۔
پس میں ہوشیار کرتا ہوں کہ ان تمام بلاؤں اور ہلاکتوں سے بچنے کا صرف ایک ہی گُر ہے وہ ہے اتفاق و اتحاد۔ جب تک اتفاق و اتحاد سے رہو گے اور جب تک اِسی کوشش میں رہو گے کہ کسی طرح اِس راہ کو نہ چھوڑیں کوئی بڑے سے بڑا دشمن بھی فتح نہیں پا سکے گا۔ لیکن اگر یہ باتیں چلی گئیں، اختلاف رونما ہو گیا تو چھوٹے چھوٹے آدمی بھی تم پر غالب آ جائیں گے۔
ایک وقت تھا کہ جب مسلمان اتفاق و اتحاد رکھتے تھے۔ ان کے سینکڑوں غیروں کے لاکھوں پر بھاری ہوتے تھے لیکن جب یہ اتفاق و اتحاد مفقود ہو گیا پھر یہی مسلمان تھے کہ ان کو چھوٹی حکومتوں نے پسپا کر دیا اور تباہ کر ڈالا۔
میری حالت رنج سے غیر ہو جاتی ہے جب میں تواریخ میں ہسپانیہ کا حال پڑھتا ہوں۔ وہاں پر کتب کا وہ ذخیرہ تھا اگر وہ آج ہوتا تو ہمیں اسلام کی تائید میں نقلی طور پر بہت مدد ملتی لیکن تفرقہ نے جب اس اسلامی حکومت کو کمزور کر دیا تو وہ سلطنت ایسی مٹی کہ جہاں مسلمانوں کی حکومت تھی آج اس جگہ ایک بھی مسلمان نظر نہیں آتا۔ مسلمانوں نے حملہ آوروں سے صرف اتنی اجازت چاہی تھی کہ ہمیں اپنی کتابیں لے جانے دو۔ انہوں نے اجازت دے دی۔ مسلمانوں نے کتابوں کو انتخاب کیا اور کئی جہاز بھر لئے۔ جس وقت روانگی کا وقت آیا ظالموں نے مسلمانوں کے بھرے ہوئے جہازوں کو آگ لگا کر غرق کر دیا۔ مسلمانانِ سپین کا یہ نتیجہ کس لئے ہوا؟ صرف اِس لئے کہ انہوں نے اتفاق و اتحاد کو مٹا دیا۔ پس میں تم کو نصیحت کرتا ہوں تمہیں کو نہیں بلکہ قیامت تک آنے والے احمدیوں کو نصیحت کرتا ہوں کہ وہ ہمیشہ فتنہ سے بچیں۔ اگر تم اتفاق و اتحاد کے رشتہ کو نہیں چھوڑوگے کامیابی، نصرت، فتح مندی و ظفریابی تمہاری ہمرکاب رہے گی ورنہ ہلاکت درپیش ہے کیونکہ فتنہ و فساد کا علاج کچھ بھی نہیں۔ خدا نے تم پر اپنے فضل سے ایک نورانی کھڑکی کھولی ہے۔ دنیا میں اِس نور کو پھیلاؤ کہ خدا کے فضلوں کے وارث بنو۔ فتنہ و فساد کی راہوں سے بچو کیونکہ یہ ہلاکت کی راہیں ہیں۔
اللہ تعالیٰ ہماری جماعت کو اتفاق و اتحاد پر قائم رکھے۔ فتنہ و فساد سے بچائے، اللہ تعالیٰ کا تقویٰ ہماری جماعت کا شعار ہو۔ اللہ تعالیٰ ان کو ہر میدان میں کامیابی دے۔ ہماری جماعت تھوڑی اور دشمن زیادہ ہیں، ہم کمزور ہیں دشمن قوی، ہمارا آسرا صرف اس اللہ ربّ العٰلمین پر ہے جو رازق ہے۔ ہمارے تعلقات آپس میں نہایت اتفاق و اتحاد کے ہوں۔ فتنہ و فساد سے اللہ تعالیٰ ہمیشہ بچائے۔ آمین ( الفضل ۴؍ ستمبر ۱۹۱۷ئ)
۱؎ اٰل عمران: ۱۰۳،۱۰۴
۷۳
عزمِ راسخ اور نیت نیک ہو تو اعلیٰ خدمات کا موقع مل جاتا ہے
(فرمودہ ۷؍ ستمبر ۱۹۱۷ء بمقام شملہ)
تشہّد ، تعوّذ اور سورۃ فاتحہ کے بعد مندرجہ ذیل آیات کی تلاوت کی:۔
۱؎
بعد ازاں فرمایا:۔
’’اللہ تعالیٰ نے انسان کی ترقی اور اس کی بہبود کے لئے بہت سی راہیں تجویز فرمائی ہیں لیکن ان راہوں کے نہ جاننے کی وجہ سے انسان بہت سی تکالیف اُٹھاتا ہے۔ انسان کے جسم کی بیماریوںکے متعلق ہی غور کرو تو معلوم ہوگا کہ ہر مرض کے لئے کئی کئی دوائیاں پیدا کی گئی ہیں۔ کہیں کسی دوائی سے فائدہ ہوتا ہے تو کہیں کسی دوائی سے، کبھی ٹیکہ لگوانے سے فائدہ ہوتا ہے تو کبھی دوائی کھانے سے۔ جب تک انسان نے تمام معالجات کو معلوم نہ کیا تھا تب تک گو بہت سی امراض کو لاعلاج بتایا جاتا تھا لیکن جوں جوں انسان کاعلم ترقی کرتا گیا تو معلوم ہوتا گیا کہ ہر مرض کا علاج ہے۔ یہاں تک کہ ہمارے زمانہ میں تو شاید ایک آدھ ہی ایسی مرض ہو کہ جس کو لاعلاج بتایا جاتا ہو لیکن جس زمانہ میں ابھی اطباء کا علم بالکل نامکمل حالت میں تھا وہ بے شمار امراض کو لاعلاج جانتے تھے۔ چنانچہ پُرانے زمانے کے اطباء اپنی کتابوں میں بہت سی امراض کے متعلق صاف طو رپر لکھتے ہیں کہ وہ امراض لاعلاج ہیں۔ ایسے زمانہ میں آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا لِکُلِّ دَائِ دَوَائٌ ۲؎ یعنی ہر مرض کا علاج ہے اور آج علم کی ترقی نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے قول کی تصدیق کر دی۔
روحانی امراض کا علاج
امراضِ رُوح کے متعلق بھی بہت سے علاج ہیں لیکن اِن کو نہ جاننے کے باعث انسان ترقی سے محروم رہ جاتا ہے
حالانکہ بعض ایسی باتیں بھی ہیں کہ جن کے باعث انسان بغیر کچھ کئے بھی بہت کچھ حاصل کر لیتا ہے۔ چنانچہ جن آیات کو میں نے پڑھا ہے ان میں بھی ایسی ہی باتوں کا بیان ہے۔ فرمایایعنی ضعفاء پر اور مریضوں پر اور ان پر جو نہیں پاتے کچھ کہ جسے وہ خرچ کریں کوئی حرج یعنی اعتراض نہیں جبکہ اخلاص رکھیں اللہ اور اس کے رسول سے۔ نہ صرف یہ کہ ان پر کوئی اعتراض نہیں بلکہ خدا انہیں محسن قرار دیتا ہے اور فرماتا ہے کہ یعنی وہ لوگ محسن ہیں اور ان پر کوئی الزام نہیں۔ کیونکہ یہ لوگ دل میں تڑپ رکھتے ہیں کہ وہ کچھ کریں لیکن ان کے پاس کچھ نہیں ہے۔ چنانچہ جنگ تبوک کے موقع پر کچھ لوگ آئے اور انہوں نے آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم سے سواری مانگی لیکن بہ سبب نہ میسر آنے سواری کے وہ نہایت حزیں ہو کر واپس چلے گئے۔ ۳؎ حزن سخت غم کو کہتے ہیں۔ اب یہ غم کیوں تھا؟ کیا اس لئے کہ وہ دنیا کے مال سے محروم رہ گئے؟ نہیں بلکہ بظاہر تو سخت خطرہ تھا کیونکہ یہ جنگ تو قیصر روم کے ساتھ تھی جس کی اتنی بڑی بھاری قوت تھی جس سے عرب ڈرتے تھے۔ پس ان کا حزن اس لئے نہ تھا کہ وہ دنیا کے مال سے محروم رہے اور بظاہر حال یہ تو خیال بھی نہیں ہوسکتا تھا اور نہ اس کی کوئی امید ہو سکتی تھی۔ پس یہ کس طرح ممکن تھا کہ مالِ غنیمت کا خیال ان کو مغموم بنا رہا ہو پس ان کا حزن اس لئے نہ تھا بلکہ جیسا اللہ تعالیٰ نے فرمایا ہے ان کو صدمہ اس لئے تھا کہ کاش! ان کے پاس مال ہوتا تو وہ اسے خدا کی راہ میں خرچ کرتے اس لئے خدا نے فرمایا کہ یعنی محسنوں پر کوئی الزام نہیں ہے۔ پہلے فرمایا۔۔ حرج کے معنی اعتراض کے ہیں جیسا کہ عرب کے لوگ جو بری ہیں کہا کرتے ہیں کہ حَدِّث عَنِ الْبَحْرِ وَمَا عَلَیْکَ مِنْ حَرَجٍ۔ یعنی سمندر کے متعلق جو چاہے بیان کر پھر تجھ پر کوئی حرج نہیں۔ یعنی کوئی اعتراض نہیں۔
پھر فرمایا کہ یہ محسن ہیں ان پر کوئی الزام نہیں کیونکہ جب وہ بہ سبب سواری نہ مل سکنے کے واپس لوٹے تو ا ن کی آنکھیں آنسوؤں سے بھری ہوئی تھیں۔ فیض کے معنی ہیں کہ برتن کا بھر کر اس میں پانی کا بہنا۔ پس اُن کی آنکھوں سے آنسوؤں کا بہنا ان کے قلب کے حزن سے پُر ہونے میں ایک نشان ہے۔ یہاں ان لوگوں کو صرف دل کی خواہش نے محسن بنا دیا ہے گویا بغیر کسی کام کرنے کے وہ خدا کے حضور میں محسن کہلائے اِس حال میں کہ ان کے دلوں میں خدا اور اس کے رسول کی محبت بھری ہوئی تھی۔ اگر ان کے پاس مال ہوتا تو وہ اللہ کی راہ میں خرچ کرتے اور اگر موقع ملتا تو وہ جان کو بھی قربان کرتے۔
پس معلوم ہوا کہ بغیر عمل کئے بھی انسان محسن ہو سکتا ہے اور یہ اس صورت میں جبکہ اس کے دل میں صدق اور اخلاص ہو۔ آجکل جان دینے کا موقع نہیں ہے لیکن پھر بھی اگر ایک احمدی دل میں یہ نیت رکھتا ہے کہ اگر اس کو اللہ کی راہ میں گھر سے بے گھر اور مال و اولاد سے یک طرف اور خویش و اقارب سے علیحدہ ہونا پڑے اور خدا کی راہ میں جان دینی پڑے تو وہ بِلادریغ نہایت خوشی کے ساتھ اللہ کی راہ میں جان دے دے گا تو ایسے لوگوں کے لئے بھی خداتعالیٰ کے ہاں وہی درجہ ہے جو اللہ کی راہ میں ہجرت کرنے والوں اور اس کے دین کے لئے جان لڑانے والوں کا درجہ ہے۔ ایسے لوگ نہ صرف وہ ثواب پاتے ہیں جو اللہ کی راہ میں جہاد کرنے والوں کو ملتا ہے بلکہ یہ لوگ ان کے ساتھ ہی ہوتے ہیں۔ ایک دفعہ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنے صحابہؓ سے کہا کہ مدینے میں کچھ ایسی جماعتیں ہیں کہ وہ مدینہ میں بیٹھے ہی تمہارے ساتھ ہیں اگرچہ وہ جماعتیں وہ تکالیف نہیں اُٹھاتیں جو تم اُٹھا رہے ہو کیونکہ وہ مجبوراً وہاں رہ گئے ہیں۔۴؎ مگر یہ درجہ صرف معمولی خواہش سے حاصل نہیں ہو سکتابلکہ یہ درجہ اس وقت ملتا ہے جبکہ دل اپنی مجبوری پر سخت مغموم ہو اور کڑھتا ہو اور اس میں سخت تڑپ ہو کہ کاش! وہ بھی کچھ اللہ کی راہ میں صرف کرنے کی قدرت رکھتا اور اسے بھی اللہ کی راہ میں جان کو قربان کرنے کا موقع ملتا۔ اگرچہ ایسی حالت میں انسان کے جوارح ساتھ نہ ہوں لیکن بہ سبب سچی تڑپ وہی درجہ پاتا ہے جو درحقیقت خدا کی راہ میں جان و مال قربان کرنے والوں کو ملتا ہے۔
آجکل ہماری جماعت بھی کئی کام نہیں کر سکتی۔ بہ سبب مجبوری کے۔ تو ان آیات میں اس کے لئے بھی ایک سبق ہے۔ مثلاً اگر کسی شخص کو یہ توفیق نہیں کہ وہ اپنے کام سے فرصت پا کر تبلیغ کرے یا بہ سبب افلاس کے کچھ خدا کی راہ میں خرچ کر سکے تو اگر اس کی ہمت بلند ہو اور نیت پاکیزہ ہو اور دل میں یہ تڑپ ہو کہ کاش وہ اللہ کی راہ میں خرچ کر سکے اور تبلیغ حق کی اسے توفیق ہو تو اس کے لئے بھی اللہ کے ہاں وہی اجر ہے جو تبلیغ کرنے والوں اور فی سبیل اللہ خرچ کرنے والوں کے لئے ہے۔ بہت سے لوگ ہیں جو نیت کے سبب بڑے مدارج پر پہنچ جاتے ہیں اور بہت ہیں جو نیک نیت نہ ہونے کے باعث ہلاک ہو جاتے ہیں۔ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے حضرت ابوبکر صدیقؓ کی وجہ فضیلت یہی بیان کی کہ ابوبکر کو جو تم پر فضیلت ہے وہ اس کے اعمال کے باعث نہیں بلکہ اُس کی نیت کے باعث ہے۔ حضرت عمرؓ کا قول ہے نِیَّۃُ الْمُؤْمِنِ خَیْرٌ مِّنْ عَمَلِہٖٖ۵؎ اس قول کے متعلق دو غلطیاں ہوئیں ایک یہ کہ اس کو حدیث قرار دیا گیا دوسرے یہ کہ اس کے معنی یہ کئے گئے کہ عمل کرنے کی نسبت نیک نیت بہتر ہے دراصل اس کے معنی یہ ہیں کہ مومن جس قدر نیک عمل کرتا ہے اِس سے بڑھ کر عمل نیک کرنے کی نیت رکھتا ہے۔ ہزار خرچ کرتا ہے تو نیت ہوتی ہے کہ اگر دس ہزار ہوتا تو وہ بھی اللہ کی راہ میں خرچ کر دیتا اور باوجود اِس کے اُسے غم ہوتا ہے کہ میں نے کوئی خدمت نہ کی اور وہ بڑھ کر عمل کرنے کی نیت رکھتا ہے۔
نیت بد انسان کو اکثر ہلاک ہی کرتی ہے۔ کہتے ہیں کہ ایک شخص کی کتیا نے بچے دیئے۔ اس کے کسی دوست نے اُس سے ایک بچہ مانگا تو اُس نے جواب دیا کہ کتیا کے بچے تو سب کے سب مرگئے لیکن اگر وہ زندہ بھی ہوتے تب بھی میں کوئی بچہ نہ دیتا۔ اُس کے دوست نے کہا کمبخت! تمہارے خبث باطن کی پردہ پوشی کے لئے بچے تو سب کے سب مر ہی گئے تھے لیکن تم نے اپنے خبث باطن کو ظاہر کر ہی دیا۔
غرض ایک شخص یہ نیت رکھتا ہے کہ میں اگر ضرورت پیش آ جاوے تو وطن کو، مال کو، اولاد کو، کاروبار کو خدا کے لئے چھوڑ دوں گا تو وہ شخص اپنے گھر اور بال بچوں میں رہتے ہوئے اور اپنا کاروبار کرتے ہوئے بھی ان لوگوں میں داخل ہو جائے گا جنہوں نے وہ سب کچھ فی الواقعہ ترک کیا۔
نیت نیک سے عمل نیک کی توفیق بھی ملتی ہے اور وہ انسان کو کام کا اہل بھی بنا دیتی ہے جب کہ وہ بار بار اس کو دل میں لاتا رہتا ہے۔ جب زندہ لوگ اپنی قوم میں ایسی رُوح پھونکنا چاہتے ہیں تو اُن کی ہمتوں کو بلند کرنے کے لئے ان کو مختلف پیرائیوں میں بتاتے ہیں کہ وہ ایسے ہیں اور ایسے ہیں اور ان کے آباؤ واجداد ایسے تھے کہ مُلک کے لئے اپنی جانوں کو بے دریغ قربان کرتے تھے وغیرہ وغیرہ جس کا نتیجہ یہ ہوتا ہے کہ وقت پر وہ قوم بھی جان قربان کرنے کو تیار ہو جاتی ہے۔ برخلاف اِس کے متعصب لوگوں کی لکھی ہوئی تاریخ ہند پڑھ پڑھ کر بہت سے لوگوں کو اسلامی سلطنت کے ظالم ہونے کا خیال پیدا ہو گیا۔
انگلینڈ کو دیکھو کہ موجودہ جنگ کے موقع پر ابتداء ً تھوڑی سی فوج جو قریب ایک لاکھ تھی دشمن کے مقابل لا سکا لیکن چونکہ اہلِ انگلینڈ کے دلوں میں ابتداء سے ہی فرض شناسی کی عادت، قومی اور خدمت مُلکی کے جذبات کو بار بار ڈالا گیا تھا اِس لئے اب ضرورت کے وقت وہ دفعۃً تیار ہوگئے یہاں تک کہ اب سب سے زیادہ فوج انگلستان ہی کی ہے جو اِس جنگ میں دشمن کا مقابلہ بڑی سرگرمی سے کر رہی ہے۔
شملہ ایک ایسی جگہ ہے جہاں کام کی کثرت ہے اور فرصت کم۔ مثلاً ملازمت پیشہ لوگوںکا بہت سا وقت ملازمت میں ہی صرف ہوجاتا ہے لیکن اگر یہاں کے لوگ بھی ہمت بلند اور نیت نیک رکھیں اور ہر وقت اللہ کی راہ میں اعلیٰ خدمات کی بجا آوری کے لئے تیار رہیں تو یہ لوگ بھی اُن لوگوں میں شامل ہوں گے جو اللہ کی راہ میں کوشش کرنے والے اور اعلیٰ خدمات بجا لانے والے ہیں۔ (الفضل ۲۵؍ ستمبر ۱۹۱۷ئ)
۱؎ التوبۃ: ۹۰،۹۱
۲؎ صحیح مسلم کتاب السلام باب لکل دائٍ دوائٌ
۳؎ بخاری کتاب الایمان والنذور باب قول اللّٰہ تعالٰی لایؤ اخذکم اللّٰہ باللغوفی ایمانکم
۴؎ بخاری کتاب الجہاد والسیر باب من حبسہ العذر عن الغزو
۵؎ موضوعات کبیر ملاعلی قاری صفحہ۷۸،۷۹۔ مطبوعہ دھلی ۱۳۴۶ھ
۷۴
خلاصہ خطبہ جمعہ
(فرمودہ ۱۴؍ ستمبر ۱۹۱۷ء کوٹھی شہزادہ بہادر و اسدیو صاحب بمقام شملہ)
آج کے خطبہ میں حضرت نے کی نہایت لطیف تفسیر فرمائی اور فرمایا کہ شیطان نے اِس زمانہ میں حملے تو بے شمار اور اِس زور کے ساتھ کئے ہیں جس کی نظیر پہلے نہیں ملتی۔ مگر اِن حملوں سے غیر مبائعین کے رنگ میں اور نیا حملہ ہے۔ یہ لوگ احمدی کہلا کر حضرت احمدؑ اور احمدیت سے دشمنی رکھتے ہیں اور اشاعت احمدیت میں حارج ہیں۔‘‘
(الفضل ۱۸؍ ستمبر ۱۹۱۷ء صفحہ۱۲ کالم نمبر۳)
۱؎ التکویر: ۱۳،۱۴
۷۵
محض سامان پر نہ جھکو اللہ پر توکل کرو
(فرمودہ ۲۱؍ ستمبر ۱۹۱۷ء برکوٹھی شہزاد ہ بہادر واسدیو صاحب بمقام شملہ)
تشہّد، تعوّذ اور سورۃ فاتحہ کی تلاوت کے بعد حضور نے اپنی جماعت کو نصیحت کرتے ہوئے فرمایاکہ :۔
’’ دنیا اس وقت سامانوں پر جھکی ہوئی ہے اور محض سامانوں کو ہی سب کچھ سمجھتی ہے اور قرآن کریم گو ہم کو سامانوں کے استعمال سے نہیں روکتا مگر فرماتا ہے سامانوں کے پیدا کرنے والے پر ہی توکّل رکھو۔
حضورنے سورۃ ق رکوع۲ سے ۱؎ کی تلاوت فرمائی۔ اور فرمایا:۔
اس میں آریہ سماج کا بھی ردّ ہے کیونکہ وہ اللہ تعالیٰ کو خالق نہیں مانتے۔ جو ان کا پیدا کرنے والا ہی نہ ہو وہ بھلا ان کی ضروریات کا کیونکر عالم ہو سکتا ہے اور ان کے لئے سامان کیونکر بہم پہنچا سکتا ہے۔
اللہ تعالیٰ فرماتا ہیں ہم نے انسان کو پیدا کیا، ہم اس کے دل کی باتوں کو جانتے ہیں، اس کے قلب کے وساوس کا علاج ہم کو معلوم ہے اور ہم اس کا اصلی سہارا ہیں۔ کو ظاہر پر محمول نہ کرنا چاہیے بلکہ اس کے اصلی معنی ہیں۔اصلی سہارا اور علاج ہم ہیں۔ ہم سے ذرا قطع تعلق ہوا تو انسان مَر گیا۔ پس سامان کرو مگر توکّل اللہ پر رکھو۔ اِس وقت سیاسیات کے دِلدادہ لوگ محض سامان پر ہی ترقی کا مدار رکھتے ہیں اور مجھ سے بھی پوچھتے ہیں کہ اب کیا کریں۔ مگر میں کہتا ہوں کہ سنو! دنیا کے حصۂ کثیر کا مذہب اِنْشَائَ اللّٰہُ احمدیت ہوگا اور جو بھی حکومت ہوگی وہی احمدی ہو جائے گی۔ تم محض سامان پر نہ جھکو۔ اللہ پرتوکّل کرو۔
(الفضل ۲۹؍ ستمبر ۱۹۱۷ئ)
۱؎ ق: ۱۷
۷۶
مومن کا بہشت
(فرمودہ ۲۸؍ ستمبر ۱۹۱۷ء بمقام شملہ)
تشہّد، تعوّذ اور سورۃ فاتحہ کی تلاوت کرنے کے بعد فرمایا:۔
’’ مومن اور کافر میں یہ فرق ہے کہ مومن ہمیشہ اور ہر گھڑی خوش ہی رہتا ہے کوئی مصیبت، کوئی دکھ اور کوئی رنج اُس کو غمزدہ نہیں کر سکتا۔ خائف اور محزون نہیں بنا سکتا۔ وہ ہر وقت اِسی دنیا میں جنت میں ہی رہتا ہے۔ چنانچہ خداتعالیٰ مومنین کے متعلق فرماتا ہے۔ ۱؎ تو اس دنیا میں خداتعالیٰ مومن کو جنت میں داخل کر دیتا ہے۔ عید ایک خوشی کے دن کا نام ہے کیونکہ عید لَوٹ لَوٹ کر آنے والی چیز کو کہتے ہیں۔ یہ دعا ہے کہ فلاں وقت بار بار لوٹے اور بار بار خوشی کی بات کے لوٹنے کی ہی خواہش کی جاتی ہے نہ کہ غم اور تکلیف کی۔ کسی کے ہاں اگر بیٹا ہو تو وہ خواہش کرتا ہے کہ ایسا موقع اسے پھر بھی نصیب ہو یا اگر کسی کو مال ملے تو وہ چاہتا ہے کہ پھر اسے ایسا ہی وقت نصیب ہو۔ لیکن اگر کسی کے ہاں ماتم ہو یا مال چوری ہو جائے تو وہ کبھی خواہش نہیں کرے گا کہ ایسا پھر بھی ہو۔ تو دوبارہ آنے کی خواہش اُسی بات کی ہوتی ہے جو خوشی کی ہو اور اِسی کو عید کہتے ہیں۔ لیکن مومن چونکہ ہر وقت ہی خوش اور راحت میں ہوتا ہے اس لئے ہر وقت ہی عید ہوتی ہے اور بعض عیدیں جو اسلام نے مقرر کی ہیں ان میں اَور حکمتیں بھی ہوتی ہیں۔ مثلاً جمعہ کا دن، عید الفطر اور عیدالاضحی ان میں بڑے بڑے سبق اور نصیحتیں رکھی گئی ہیں۔ ورنہ مومن کے لئے تو ہر روز اور ہر گھڑی عید ہوتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ خداتعالیٰ نے قرآن کریم کو کہہ کر شروع کیا ہے اور پھر جب مومن آخری دفعہ خدا کے حضور پیش ہوں گے تو خداتعالیٰ کہتا ہے کہ اُس وقت وہ کہیں گے اس سے معلوم ہوا کہ انسان پہلے سے شروع کرتا ہے اور عمل کرتے کرتے اس کا خاتمہ بھی حمد پر ہی ہوتا ہے تو اس سورۃ میں یہ سبق رکھا گیا ہے کہ مومن ہمیشہ خدا کی حمد ہی کرتا رہتا ہے اور وہ کبھی کسی ایسے غم اور مصیبت میں مبتلا نہیں ہوتا کہ وہ خدا کی حمد نہ کر سکے۔ اس سورۃ میں ایک عجیب نکتہ بیان کیا گیا ہے جو یاد رکھنے کے قابل ہے۔ خدا تعالیٰ فرماتا ہے کہ مومن انسان سے خداتعالیٰ جو بھی معاملہ کرتا ہے وہ اسے آرام اور راحت پہنچانے والا ہی ہوتا ہے جو تکلیف وہ اُٹھاتا ہے وہ انسانوں ہی کی طرف سے اُٹھاتا ہے۔
دیکھو رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کو پتھر مارے گئے، وطن سے نکال دیا گیا اور طرح طرح کے دکھ پہنچائے گئے مگر اللہ تعالیٰ نے آپ سے جو معاملہ کیا وہ ایسا ہی تھا کہ آپ کی زبان سے حمد اور تعریف ہی نکلتی تھی تو مومن کبھی خداتعالیٰ کی حمد کے بغیر نہیں رہ سکتا اس لئے مومن کی یہ علامت بیان کی گئی ہے کہ وہ ہر وقت خداتعالیٰ کی حمد کرتا رہتا ہے۔ لیکن ایک ایسا شخص جس کے دل میں کوئی ناراضگی یا ناخوشی ہوئی اور وہ منہ سے کہے تو وہ منافقت سے کہے گا کیونکہ یہ بات اس کے دل سے نہیں نکل رہی ہوگی۔ دل میں تو وہ سخت ناخوش ہوگا اس لئے خداتعالیٰ انسانوں کو ارشاد فرماتا ہے کہ تم مجھ سے اپنے معاملات ایسے بناؤ کہ تم سے ایسا سلوک کیا جائے کہ تمہارے منہ سے حمد ہی حمد نکلے لیکن جو ایسے تعلّقات نہیں رکھتا اور دکھ و تکلیف اُٹھاتا ہے اس کے منہ سے حمد نہیں نکل سکتی اور اگر نکلتی ہے تو اس کا دل اس کو ملامت کر رہا ہوتا ہے۔ تو ایک شخص کامل مومن اسی وقت ہوتا ہے جبکہ سچے دل سے خداتعالیٰ کی حمد کرتا ہے۔ اس وقت اس سے کوئی ایسا معاملہ نہیں کیا جاتا کہ اسے غم اور تکلیف ہو چونکہ نماز میں کئی بار کہا جاتا ہے۔ اِس لئے نماز کو صحیح طور پر ادا کرنے اور مومن کامل بننے کی خاطر یہ ضروری ہے کہ خداتعالیٰ سے ایسا معاملہ ہو کہ جس پر خدا اس سے ایسا سلوک کرے کہ اس کے منہ پر حمد ہی حمد جاری رہے اور کبھی غمگین اور رنجیدہ نہ ہو۔ خداتعالیٰ ہم سب کو اس کی توفیق عطا فرماوے آمین۔ (الفضل ۹؍ اکتوبر ۱۹۱۷ئ)
۱؎ الفجر: ۳۰،۳۱ ۲؎ الفاتحہ: ۲ ۳؎ یونس: ۱۱
۷۷
خدا کے انعام کی قدر کرو
(فرمودہ ۵؍ اکتوبر ۱۹۱۷ء بمقام شملہ)
تشہّد، تعوّذ اور سورہ فاتحہ کی تلاوت کے بعد فرمایا:۔
’’غالباً اِس سفر کے دَوران میں یہ آخری جمعہ ہے جس کا خطبہ پڑھنے کے لئے میں آپ لوگوں کے سامنے کھڑا ہوں۔ اِس وقت میں مختصراً چند ایک نصائح آپ لوگوں کو کرنا چاہتا ہوں۔
اللہ تعالیٰ نے سورۃ فاتحہ میں ہمیں اِس بات کی طرف متوجہ کیا ہے کہ جو شخص اللہ کے لئے کچھ قربانی کرتا، اُس کی اطاعت اور فرمانبرداری میں رہتا، اُس پر توکّل اور بھروسہ رکھتا ہے اُس پر بڑے بڑے انعام کئے جاتے ہیں۔ چونکہ ہم خداتعالیٰ کے انعامات کے وارث بننا چاہتے ہیں اس لئے ہمیں اس کا خاص خیال رکھنا چاہیے۔ کسی سے کچھ حاصل ہونے کی امید دو ہی وجہ سے ہو سکتی ہے اور جس میں یہ دو باتیں پائی جائیں اُس کے دروازہ سے مانگنے والا انسان کبھی مایوس اور نامراد ہو کر واپس نہیں آتا۔ وہ دو باتیں یہ ہیں۔
(۱) اس میں دینے کی قابلیت ہو
(۲) اسے دینے کی عادت ہو۔
تیسری بات مانگنے والے اور سائل میں پائی جانی ضرور ہے اور وہ یہ کہ اس میں خود پسندی اور خودی نہ ہو۔ اگر پہلی دو باتیں دینے والے میں اور تیسری لینے والے میں ہو تو کبھی اُسے ناکامی اور نامرادی نہیں ہوتی۔ اللہ تعالیٰ نے سورۃ فاتحہ میں یہ تینوں باتیں بیان فرمائی ہیں۔ بندہ کے متعلق تو جو کچھ ہے اس کا کرنا اس کے ذمّہ ہے وہ کرے یا نہ کرے۔ یہ اس کا کام ہے مگر اپنے متعلق خداتعالیٰ فرماتا ہے میں ، ، ہوں کہ مانگنے والے کو دینے کی میں پوری پوری قابلیت اور طاقت رکھتا ہوں لیکن اگر یہ خیال ہو کہ میں باوجود دینے کی قابلیت کے شاید بُخل سے کام لوں اور مانگنے والے کو نہ دوں تو اس کے لئے ۱؎ کو یاد رکھو اِس سے تمہیں معلوم ہو جائے گا کہ تم سے پہلے بہت سی ایسی جماعتیں گزر چکی ہیں جن کو میں نے دیا اور بہت کچھ دیا تو ایک منعم جس کا دروازہ انسان کو کھٹکھٹانا چاہیے اُس میں دو باتیں دیکھنی چاہئیں۔ ایک یہ کہ اُس کے پاس دینے کو موجود بھی ہے یا نہیں کیونکہ ایک بھوکے اور نادار سے مانگنے کا یہ نتیجہ ہوگا کہ خالی ہاتھ واپس آنا پڑے گا۔ اِسی طرح اگر ایک ننگے سے کپڑا مانگا جائے تو سوائے نامرادی کے اَور کچھ نہ حاصل ہوگا ۔یا اگر ایک پیاسے سے پیاسا پانی مانگے گا تو خائب و خاسر رہے گا اس لئے کچھ ملنے اور حاصل ہونے کی اُمید اُسی سے رکھنی چاہیے جس کے پاس بھی کچھ ہو۔ یہی وجہ ہے کہ خداتعالیٰ نے سورۃ فاتحہ میں فرمایا ہے کہ میرے پاس بہت کچھ ہے۔ دوسری بات یہ کہ اُسے دینے کی عادت بھی ہو کیونکہ بہت لوگ بڑے دولتمند اور مالدار ہوتے ہیں مگر دینے کے وقت ان کے ہاتھ سکڑ جاتے ہیں اور ان میں دینے کی ہمت اور طاقت ہی نہیں رہتی اس لئے دوسری یہ بات دیکھنی ضروری ہے کہ اسے دینے کی عادت بھی ہے یا نہیں۔ خداتعالیٰ فرماتا ہے یہ دیکھنے کے لئے ذرا تم اِس بات پر تو غور کرو کہ تم سے پہلوں کو ہم نے کیا کیا دیا۔ دُور نہ جاؤ نزدیک ہی دیکھ لو کہ محمد (صلی اللہ علیہ وسلم) اور اس کی اُمت کو ہم نے روحانی اور جسمانی کس قدر انعامات دیئے۔ پھر دیکھو مسیح اور اس کے حواریوں کو، موسٰی ؑ اور اس کے ماننے والوں کو، ابراہیم ؑ داؤد ؑ وغیرہ انبیاء اور اُن کے پیروؤں کو کیا کچھ دیا۔ پس تم کو دیکھ کر نتیجہ نکال لو کہ ہم میں دینے کی قابلیت ہے یا نہیں۔ تو اِس سورۃ میں خداتعالیٰ نے نہایت مختصر الفاظ میں انسان کو اس طرف متوجہ کیا ہے کہ مومن کو ہم بڑے بڑے انعام دے سکتے ہیں اور پھر ان انعامات کی کوئی حد بندی نہیں کی۔ بلکہ فرما کر بہت وسیع کر دیا ہے کہ ہر ایک وہ انعام جو پہلوں کو حاصل ہوا وہ اب بھی دیا جا سکتا ہے۔
چنانچہ اِسی بات کو ثابت کرنے کے لئے خداتعالیٰ نے اِس زمانہ میں ایک انسان کو محمد صلی اللہ علیہ وسلم کا بروز بنا کر بھیج دیا اور اس کو وہ سب کمالات بروزی رنگ میں دیئے جو آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کو دیئے گئے تھے تا کہ کوئی یہ نہ کہہ سکے کہ جو صفات خداتعالیٰ نے محمد صلی اللہ علیہ وسلم کو دیئے تھے وہ اب کسی کو نہیں دے سکتا۔ چونکہ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی شان تمام انبیاء سے اعلیٰ اور ارفع ہے اِس لئے کوئی انعام ایسا نہیں ہو سکتا جو آپ کو نہ دیا گیا ہو۔ پس جب آپ کے کمالات بروزی رنگ میں ایک انسان کو دیئے جا سکتے ہیں تو پھر کونسا انعام ہے جو نہیں مل سکتا۔ مگر باوجود اِس قدر عظیم الشان انعامات دینے کے متعلق فرماتے ہوئے ساتھ ہی خداتعالیٰ نے اس طرف بھی اشارہ کر دیا ہے اور انعام حاصل کرنے والوں کو توجہ دلا دی ہے کہ جہاں ہم بڑے سے بڑا انعام دے سکتے ہیں وہاں ہم سخت سے سخت سزا بھی دے سکتے ہیں۔ اور اس کی مثال ۲؎ تمہارے سامنے ہے اس کو دیکھ لو۔
یہودیوں پر خداتعالیٰ کا کیسا غضب نازل ہوا؟ اِس کا پتہ اس سے لگ سکتا ہے کہ تین ہزار سال گزر چکے ہیں لیکن زمین کے ایک چپہ پر بھی ان کی حکومت نہیں ہے۔ پھر ضلالت کی سزا جن کو ملی اُن کی حالت کو دیکھ لو دنیا کے سارے علوم جانتے ہیں بڑے بڑے موجد اور فلسفی ہیں مگر ایک انسان کو خدا بنائے بیٹھے ہیں اور کہتے ہیں کہ مذہب میں عقل کو دخل نہیں ہے۔
اِس سے پتہ لگتا ہے کہ جہاں خداتعالیٰ بہت بڑے بڑے انعام دیتا ہے وہاں سزا بھی بہت سخت دیتا ہے اِس لئے جس انسان پر خداتعالیٰ کا کوئی انعام ہو اُسے ہر قسم کے تکبر اور انانیت کو چھوڑ کر حد درجہ کا عجز اور فروتنی اختیار کرنی چاہیے اور ساتھ ہی خدا کے خوف کو ہر وقت دل میں رکھنا چاہیے تا کہ اُس رستہ پر جانے سے بچا رہے جو مغضوب اور ضال بنا دیتا ہے۔
پس میں آپ لوگوں کو نصیحت کرتا ہوں کہ اللہ تعالیٰ نے اپنا جو انعام تم پر کیا ہے اُس کی قدر کرو اور اِس سورۃ کو ہر وقت یاد رکھو۔ نیز خدا کے خوف کو دل میں جگہ دو تا کہ ان عذابوں اور سزاؤں سے بچو جن سے خداتعالیٰ نے اِس سورۃ میں ڈرایا ہے۔ اللہ تعالیٰ آپ لوگوں کو اس کی توفیق دے۔ آمین (الفضل ۱۶؍ اکتوبر ۱۹۱۷ئ)
۱،۲؎ الفاتحہ: ۷
۷۸
ہر ایک انعام کے ساتھ آزمائش ہے
(فرمودہ ۱۹؍ اکتوبر ۱۹۱۷ئ)
تشہد، تعوذ اور سورۃ فاتحہ کی تلاوت کے بعد فرمایا:۔
اللہ تعالیٰ کی سنّت قدیم سے چلی آتی ہے اور یہ ان اصول میں سے ہے جن پر بہت سے معاملات کی بنیاد ہے کہ ہر بھلائی کے ساتھ، ہر ترقی اور ہر درجہ کے ساتھ کچھ دُکھ اور تکلیف بھی ہوتی ہے۔ چنانچہ دیکھ لو سورۃ فاتحہ جس کو سے شروع کیا ہے بتلاتی ہے کہ اس میں بڑے انعام دیئے گئے ہیں مگر باوجود اس کے کہ سے شروع ہوتی ہے۔ ۱؎کے ساتھ ۲؎ بھی رکھا گیا ہے جس سے معلوم ہوتا ہے کہ خواہ کتنا بھی انعام ہو اس کے ساتھ کچھ تکالیف اور مشقتیں ضرور لگی ہوتی ہیں۔
رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم فرماتے ہیں کہ ہر انعام کے ساتھ امتحان بھی ہوتا ہے۔ سو ہر بڑے انعام کے ساتھ آزمائش بھی بڑی ہوتی ہے اور کوئی نعمت نہیں ملتی جس کے ساتھ آزمائش نہ ہو۔ گلاب کے پھول کو دیکھو اُس کی پنکھڑیاں کیسی خوبصورت ہوتی ہیں مگر کانٹے ساتھ ہوتے ہیں۔ اُس کے سونگھنے سے دماغ کو لذت حاصل ہوتی ہے اور چھونے سے ہاتھ اور دیکھنے سے آنکھ حظ اُٹھاتی ہے مگر ایسی عجیب و غریب اور عمدہ چیز بھی کانٹوں سے محصور ہوتی ہے اور اس کا حاصل ہونا اس صورت میں آسان ہے کہ کانٹوں کی چبھن کو بھی برداشت کیا جائے۔ پس جو کانٹوں میں سے ہاتھ گزارے گا وہی پھول کو حاصل کر سکے گا۔تو ہر اُس کام سے جو مفید اور بابرکت ہوتا ہے بغیر تکلیف راحت نہیں ملتی اور بغیر مشکلات کے عظمت حاصل نہیں ہوتی کیونکہ اللہ کی قدرت کا جلوہ اُسی وقت ظاہر ہوتا ہے جب مشکلات سے گزر کر انسان کامیاب ہو جاتا ہے۔ وہ دیکھتا ہے کہ بظاہر وہ ناکام ہے اور دنیا کا کوئی سامان اُس کے موافق نہیں لیکن پھر بھی جب کامیاب ہو جاتا ہے تو اُس وقت اُسے خدا کی قدرت کی سمجھ آتی ہے۔
پس اللہ تعالیٰ جو بھی انعام دیتا ہے اس کے ساتھ تکالیف رکھتا ہے اور اس کے دیئے ہوئے انعام دوسروں سے نرالے ہوتے ہیں۔ کوئی شخص کامیاب نہیں ہو سکتا جب تک کہ محنت نہ کرے لیکن خدا کے پیاروں کی حالت ان سے الگ ہوتی ہے ان کو بھی محنت کرنا پڑتی ہے جیسا کہ دوسرے لوگ کسی مقصد کے حاصل کرنے کے لئے کرتے ہیں مگر دوسروں کو صرف محنت کرنا ہوتی ہے اور کوئی شخص ان کے ارادوں کا مزاحم نہیں ہوتا مگر خدا کے پیارے جن کو خدا دنیا میں بڑا بنانا چاہتا ہے ان کی حالت ان سے مختلف ہوتی ہے۔ اُن کو محنت بھی کرنا پڑتی ہے اور ساتھ ہی ایک دنیا مقابلہ اور ان کے مٹانے کیلئے کھڑی ہو جاتی ہے اس لئے ان کی کامیابی اَور رنگ کی اور بہت اہم ہوتی ہے کیونکہ وہ اپنے مخالفین کو ناکام کر کے کامیابی حاصل کرتے ہیں۔ اور ان کی مثال ایسی ہے کہ ایک وزنی گولہ ہو اور کسی شخص کو کہہ دیا جائے کہ اِس کو کھینچو۔ اُسے کھینچنے میں محنت کرنا پڑے گی مگر ایک دوسرا شخص ہو اس کو کہا جائے کہ اس گولے کو کھینچو اور مخالف سمت میں کئی لوگ بھی اُس کے خلاف زور لگا رہے ہوں تو اُس وقت اگر وہ اس گولے کو کھینچ لے جائے تو ایک بڑی اور نمایاں کامیابی ہوگی اور پہلے سے بہت بڑھ کر ہو گی۔ پس ہر انعام جو خدا کے برگزیدوں کو حاصل ہوتا ہے وہ محنت کے ساتھ اپنے اندر یہ بات بھی رکھتا ہے کہ دنیا اس کے چھیننے کے لئے بڑی کوشش کرتی ہے مگر کامیاب وہی ہوتا ہے جس کے ساتھ خدا کا غیبی ہاتھ کام کر رہا ہوتا ہے اور جس کو دنیا اپنی متفقہ قوت سے مٹا دینا چاہتی ہے۔
دوسرے لوگوں کے لئے سامان ہوتے ہیں انہیں ان سامانوں کو بہم پہنچانا اور صرف ان سے کام لینے کے لئے محنت کرنا ہوتی ہے مگر ان لوگوں کے لئے سامان کی فراہمی کے ساتھ اپنی مخالف طاقتوں کا مقابلہ بھی درپیش ہوتا ہے۔ سامان تو بہرحال ہو سکتے ہیں مگر مخالف طاقتوں کو پچھاڑ کر آگے نکلنا یہ ان کی کامیابی میں بڑی بات ہوتی ہے کیونکہ سامان مخالفین کے پاس بھی ہوتے ہیں اور پھر وہ اس شخص کو شکست دے کر فنا کر دینے کے درپے ہوتے ہیں۔
نادان خیال کرتا ہے کہ اللہ کے نبی اور مشکلات، احمق سمجھتا ہے کہ خدا کے برگزیدہ اور تکالیف کیونکہ وہ دیکھتا ہے کہ ہماری یہ حالت ہے کہ جس شخص سے ہمیں محبت ہوتی ہے اس کو کبھی تکلیف دینا نہیں چاہتے بلکہ اگر تکلیف کا خیال بھی ہو تو فوراً اس کے دور کرنے کی کوشش کرتے ہیں لیکن یہ کیسے ہو سکتا ہے کہ خدا کے نبی، خدا کے برگزیدہ اور خدا کے پیارے تکالیف اور رنج و مِحَن سے گزارے جائیں اور خدا اُن کی تکالیف کو دور نہ کرے۔ کیا کبھی ایسا ہو سکتا ہے کہ ہم اپنے کسی عزیز کو ماریں اور مار کر پیار کریں یا زہر دیں اور پھر زہر دے کر ڈاکٹر کو بُلائیں کہ یہ ہمارا بہت پیارا ہے؟ ہرگز نہیں! پھر کیا یہ ہو سکتا ہے کہ پہلے بھوکا رہنے دیں اور پھر کہیں کہ یہ ہمارا دوست ہے اِس کو کھانا کھلائیں۔ پس جب ہم اپنے کسی عزیز کو تکلیف دے کر پیار نہیں کرتے تو پھر یہ کیسے ممکن ہے کہ خدا کے پیارے طرح طرح کی تکلیف اُٹھائیں اور خدا انہیں تکالیف میں ڈال کر پھر انعام دے۔ اگر کوئی خدا ہے تو اسے اپنے پیارے بندوں کو تکالیف سے بچانا چاہیے نہ یہ کہ پہلے وہ تکالیف اُٹھائیں اور پھر انعام پائیں اگر ایسا نہیں تو خدا کی خدائی میں شک کی گنجائش ہے کیونکہ ایسا نہ کرنے سے خدا کو اپنے پیاروں کی مدد کرنے کی قدرت سے خالی ماننا پڑے گا اور جب قدرت سے خالی ہؤا تو خدا خدا نہیں ہو سکتالیکن نادان نہیں جانتا کہ اللہ کے پیارے جو دنیا کی اصلاح کے لئے آیا کرتے ہیں اُن کا ایک کام یہ بھی ہوتا ہے کہ وہ خدا کو خدا ثابت کریں اور اُس کی قدرتوں اور طاقتوں کا جلوہ دنیا کو دکھائیں۔ اُن کا کام محض اپنے آپ کو خدا کا پیارا ثابت کرنا نہیں ہوتا بلکہ یہ بھی دنیا کو ثابت کرکے دکھلانا ہوتا ہے کہ خدا موجود ہے اور خدا کی قدرت اور جلال کا ظہور ان کے ذریعہ ہوتا ہے۔ پس اللہ کے پیارے جن کے سپرد اصلاحِ خلق کا کام ہوتا ہے چونکہ خدا کے جلال کا مظہر ہوتے ہیں اس لئے جب تک ان کے مخالف سامان پیدا نہ ہوں اور ان کے مخالفین اپنی قوت پورے طور پر ان کے خلاف نہ دکھائیں اس وقت تک خدا کا جلال اور ان کا منجانبِ اللہ ہونا ثابت نہیں ہو سکتا۔ اسی غرض کے لئے ان تکالیف اور مشکلات کا سامنا ہوتا ہے جن میں کامیاب ہو کر وہ خداتعالیٰ کی طاقت اور جلال کا ثبوت بنتے ہیں۔
پس وہ لوگ جو اپنے پر قیاس کر کے کہتے ہیں کہ خدا کے پیارے کیسے تکالیف میں پڑتے ہیں غلطی پر ہیں اور نہیں جانتے کہ خدا اپنے پیاروں کو کیوں مشکلات میں ڈالتا ہے۔ ہمیں جو اپنے پیاروں سے محبت ہوتی ہے تو اس سے اپنی طاقت اور جلال کا اظہار مدنظر نہیں ہوتا مگر خداتعالیٰ کو یہ منظور ہوتا ہے کہ ان لوگوں کے ذریعہ اپنا جلال ظاہر کرے۔ اور ہم دیکھتے ہیں کہ پہلے زمانہ میں جن اطباء کو اپنا کوئی کمال دکھانا منظور ہوتا تھا وہ ایسا کرتے تھے۔ مثلاً اگر اُنہوں نے کسی زہر کا تریاق معلوم کیا تو لوگوں کو اپنی ایجاد کے مفید اور نفع رساں ہونے کا یقین دلانے کے لئے زہر کو خود کھا لیا اور بعد میں تریاق استعمال کیا۔
پس جب خدا میں اپنے بندوں کی نازک سے نازک وقت میں مدد کرنے کی طاقت ہے تو اُس کو اپنی طاقت کے اظہار کے لئے دِکھلانا ہوتا ہے کہ یہ ہمارے بندے جو ایسی حالت میں ہیں اور ساری دنیا ان کی مخالفت میں سرگرم ہے کامیاب ہوں گے اور دنیا کو دکھادیں گے کہ خدا میں کس قدر طاقت اور قوت اور سطوت ہے۔ یہی وجہ ہے کہ وہ لوگ ہر قسم کے مصائب اور تکالیف برداشت کرتے ہیں مگر خدا کا ہاتھ نہیں چھوڑتے اور جس کام کے لئے دنیا میں آتے ہیں اس کو کر دکھاتے ہیں اور اس وقت خدا کی طاقت اور جلال ظاہر ہوتا ہے۔ کیونکہ خدا جن کو منتخب کرتا ہے اور وہ جو جماعتیں قائم کرتے ہیں وہ اخلاص کے ساتھ باوجود ہر قسم کی تکالیف کے آگے ہی آگے بڑھی چلی جاتی ہیں۔ ان پر ہمیشہ ابتلاء لائے جاتے ہیں مگر ان کے لئے قبل از وقت پیشگوئیاں موجود ہوتی ہیں کہ بِالآخر تمہیںہی کامیابی ہو گی۔ اس راہ میں مخالفین قدم قدم پر ان پر حملہ آور ہوتے ہیں، ان کے مقابلہ میں سارا زور لگا دیتے ہیں مگر ہوتا وہی ہے جس کی خدا کے نبی پہلے اطلاع دے چکے ہوتے ہیں۔
دیکھو اِس زمانہ میں حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام کے خلاف کس قدر زور لگایا گیا۔ پھر باوجود مخالفت کے دشمن کو ماننا پڑتا ہے کہ مرزا صاحب کو کامیابی ہوئی۔ ابتداء میں حضرت صاحب کی کامیابی کے کوئی سامان نہیں تھے مگر آخر دشمن کو اقرارکرنا پڑتا ہے کہ مرزا صاحب کامیاب ہوگئے۔ ایک دشمن یہ دیکھتے ہوئے کہ آپ کو کامیابی ہوئی اِس معیار کا تو انکار کر دے گا کہ کامیابی کوئی معیارِ صداقت نہیں لیکن آپ کی کامیابی سے انکار نہیں کر سکتا لیکن اگر وہ معیار کا انکار کرتا ہے تو اس سے حضرت مرزا صاحب کی تکذیب ہی نہیں ہوتی محمد صلی اللہ علیہ وسلم، حضرت عیسیٰ علیہ السلام، حضرت یعقوب علیہ السلام، حضرت ابراہیم علیہ السلام غرض کہ سب انبیاء کی تکذیب ہوتی ہے کیونکہ اگر یہ معیار پہلوں کو صادق ثابت کرتا ہے تو پھر حضرت مرزا صاحب کو بھی صادق ہی ماننا پڑے گا۔ پس وہ جو آپ کی کامیابی کو تسلیم کرے گا گو یہ کہے کہ یہ کوئی ایسی بات نہیں جس سے آپ کی صداقت ظاہر ہو مگر اسے اپنے اس قول کے ساتھ قرآن اور حدیث کو جھٹلانا پڑے گا اور یا تو اسے پہلے انبیاء کا بھی انکار کرنا پڑے گا یا حضرت مسیح موعود کا اقرار کرے گا اور یہ ایسی زبردست دلیل ہے جس کی موجودگی میں حضرت مرزا صاحب کی صداقت سے کوئی انکار نہیں کر سکتا۔ صداقت پسند لوگ جن کے دلوں میں صداقت کا بیج بویا گیا ہے وہ تو آپ پر ایمان لے آئیں گے لیکن وہ جو صداقت سے دور ہیں ان کے ماننے کی کوئی صورت نہیں۔ جن میں صداقت کا مادہ ہے وہ مانتے ہیں کہ قبل از وقت یہ باتیں کہی گئی تھیں اور اس وقت کہی گئی تھیں جب کہ ہر قسم کے سامان ان کے مخالف تھے اور اب ہو بہو پوری ہو رہی ہیں۔ پھر کیا وجہ ہے کہ حضرت مرزا صاحب کی صداقت کو تسلیم نہ کیا جائے۔ دیکھو صوفیوں، مولویوں، جاہلوں، امیروں غرض ہر طبقہ کے لوگوں نے مخالفت کی مگر کامیابی اُسی کو حاصل ہوئی جس کو لوگ مٹانے پر تُلے ہوئے تھے اور وہ حضرت مرزا صاحب تھے۔
جب مکہ فتح ہوا تھا تو مکہ کی عورتوں کے ساتھ ہندہ، ابوسفیان کی بیوی بھی بیعت کرنے کو آئی۔ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا۔ اقرار کرو کہ ہم آئندہ شرک نہیں کریں گی۔ ہندہ نے کہا۔ یَارَسُوْلُ اللّٰہِ! کیا اب بھی ہم شرک کریں گی۔ آپ اکیلے تھے ساری قوم متفقہ طاقت کے ساتھ بتوں کی مدد میں کھڑی ہوئی تھی مگر آپ جو اکیلے تھے کامیاب ہوئے اور ساری قوم نے شکست پر شکست کھائی۔ کیا اس سے ظاہر نہیں ہو گیا کہ بتوں میں کچھ طاقت نہیں۔ اگر بتوں میں کچھ طاقت ہوتی تو کیسے ممکن تھا کہ آپ ایک اکیلے ساری قوم پر غالب آ جاتے۔
تو یہ ایک فطرت کا تقاضا تھا جو ایک عورت کے منہ سے ظاہر ہوا۔ عورتوں کے لئے کہا جاتا ہے کہ وہ جاہل ہوتی ہیں اور اس میں شک نہیں کہ جہاں تعلیم نہ ہو عورتیں ضرور جاہل ہی ہوتی ہیں اور عرب میں بھی اُس وقت عورتوں کو سیاست میں کچھ دخل نہ تھا۔ ایسی صورت میں ہندہ کا یہ کہنا بتاتا ہے کہ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کا باوجود اکیلے ہونے کے ساری قوم پر کامیاب ہو جانا ان کی صداقت کا عظیم الشان ثبوت ہے۔
پس نبیوں کی صداقت کی ایک دلیل یہ بھی ہے کہ وہ لوگوں کی مخالفتوں کے باوجود کامیاب ہوا کرتے ہیں تا کہ خدا کی خدائی ثابت ہو۔ خطرناک ابتلاء آتے ہیں جن سے دوسرے لوگوں کی کمریں ٹوٹ جاتی ہیں مگر وہ صداقت پر قائم رہتے ہیں۔ آخر کار مظفر و منصور ہوتے ہیں اور ان کے دشمن خائب و خاسر ہو جاتے ہیں۔ یہی معاملہ حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے ساتھ ہوا۔ دنیا نے آپ کی مخالفت میں کوئی کسر نہ چھوڑی مگر آپ کامیاب ہوئے۔
اب پھر میں دیکھتا ہوں کہ کچھ آرام کے بعد ہمارے مخالفین کی طرف سے پھر ہمارے رستہ میں تکالیف اور دشواریاں پیدا کی جا رہی ہیں۔ معلوم ہوتا ہے کہ ہم پر خدا کے فضل ہونے والے ہیں اس لئے جس طرح ہر بہار کے وقت زہریلے پودے بھی پھوٹ نکلتے ہیں اسی طرح ہمارے مخالف بھی اب جوش دکھلانے لگے ہیں اور پھر میدان میں آئے ہیں۔
ہم نے کسی کا کیا بگاڑا ہے لیکن جو اُٹھتا ہے ہمیں پر گالیوں کی بوچھاڑ شروع کر دیتا ہے۔ ہندو رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کو گالیاں دیتے ہیں۔ عیسائی اس مقدس وجود کو بُرا بھلا کہتے ہیں، ان لوگوں کے مقابلہ میں ان کی رگِ حمیت حرکت میں نہیں آتی۔ پھر اگر کوئی ہندو عیسائی ہوتا ہے تو وہ بھی اسلام کے خلاف لکھتا ہے اور اگر سکھ عیسائی ہوتا ہے تو اس کا زور بھی اسلام ہی کے خلاف صَرف ہوتا ہے۔ یہ نہیں کہ جس قوم میں سے کوئی عیسائی ہو اس کے متعلق لکھے تا کہ سمجھا جائے کہ اس کو اپنی قوم سے ہمدردی ہے اس لئے ایسا کرتا ہے۔ نہیں۔ جو بھی اُٹھتا ہے وہ اسلام کے مقابلہ میں ہی اپنی طاقت خرچ کرتا ہے مگر اس کے لئے مسلمانوں کو جوش نہیں آتا۔ ان کو اگر جوش آتا ہے، اگر یہ بھڑک اُٹھتے ہیں تو احمدیوںکے خلاف اور احمدیوں کے ان مضامین کے خلاف جن سے آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کا جلال ظاہر ہوتا ہے۔ ان کے صوفیاء اگر اُٹھیں گے تو احمدیوں کے خلاف لکھیں گے، ان کے مولوی اپنی گالیوں کا نشانہ بنائیں گے تو احمدیوں کو، اگر کوئی مسلمان عیسائی ہو جائے تو ان کو ناگوار نہیں گزرتا لیکن اگر کوئی احمدی ہو جائے تو گویا اس میں سارے عیب جمع ہو جاتے ہیں اور اس کی مخالفت کرنا وہ عین فرض سمجھتے ہیں۔ مختلف مذاہب کے لوگ کسی قصبہ یا گاؤں میں رہتے ہوں کسی کو کچھ تکلیف نہیں ہوتی لیکن جہاں کوئی احمدی ہوا اس کے نکالنے کے دَرپے ہو جاتے ہیں کیونکہ ان کے نزدیک اس سے بڑھ کر کوئی بُرا نہیں۔ مولویوں کے قلم کے تلوار اگر کسی کے مقابلہ پر اُٹھتے ہیں تو وہ ہمیں ہیں۔ خدا نے ان سے لوہے کی تلوار تو چھین لی ہے کیونکہ وہ جانتا تھا کہ ایک سچے مذہب کے مقابلہ میں یہ لوگ اُٹھیں گے لیکن ان کے قلم کے تلوار اپنا پورا زور ہمارے مقابلہ میں صَرف کر رہے ہیں۔ وہ اپنی بَدگوئی اور گالیوں کی بارش ہم پر کر رہے ہیں اور ایسا کرنے میں انہیں کوئی خوف نہیں کیونکہ وہ جانتے ہیں کہ جن سے ہمارا مقابلہ ہے وہ شریف ہیں اس لئے گالیوں کا جواب گالی سے نہیں دیں گے وہ اپنی گالیوں اور استہزاء پر ہی خوش ہو رہے ہیں کیونکہ عوام دلائل کو نہیں سنتے اور استہزاء سے پیار کرتے ہیں لیکن یاد رکھیں کہ وہ دن آنے والے ہیں جب لوگ گالیوں سے تنگ آ کر دلائل کی طرف توجہ کریں گے۔
صوفیوں کو جوش آتا ہے تو احمدیوں کے خلاف، مولویوں کو جوش آتا ہے تو احمدیوں کے خلاف، امراء کو جوش آتا ہے تو احمدیوں کے خلاف، حاکموں کو جوش آتا ہے تو احمدیوں کے خلاف۔ سوائے ان حکام کے جو گورنمنٹ کے ماتحت ہیں۔ مسلمانوں کی ریاستوں میں ہندو امن سے ہیں ان کے مندر اور شوالے اور سکھوں کے گوردوارے بنتے ہیں مگر احمدیوں کے لئے اجازت نہیں کہ مسجد بنا سکیں ان کی تبلیغ کے لئے چند پابندیاں ہیںمگر احمدیوں کو ممانعت ہے۔
ہمارے مخالفین ایک دفعہ زور لگا کر بیٹھ گئے تھے اب پھر اُٹھے ہیں لیکن ان کی حالت ایسی ہی ہے جیسے بجھنے والے چراغ کی۔ تم نے دیکھا ہوگا کہ چراغ میں جب تیل ختم ہو جاتا ہے تو وہ آخر میں پوری روشنی دیتا ہے مگر تھوڑی دیربعد بجھ جاتا ہے۔ پس ہمارے مخالفین کا اب جوش دکھانا ان کے آخری سانس کا پتہ دے رہا ہے اور ان کیلئے آخری لمحہ ثابت ہوگا۔ اِنْشَائَ اللّٰہ
ہمارے خلاف ان لوگوں کی کوششیں گالیاں، ہنسی، استہزاء پر آ رہی ہیں لیکن یہ باتیں صداقت کو نقصان نہیں پہنچا سکتیں۔ صداقت پھیلے گی اور ضرور پھیلے گی مگر اِس وقت ہمارا فرض ہے کہ اِس کے لئے سامان مہیا کریں۔ اتفاق و اتحاد اور یکجہتی سے کام میں مشغول ہوں اور ہر قسم کی قربانیاں کرنے کو تیار رہیں بلکہ کریں کیونکہ اِس مقابلہ کے لئے قربانیوں کی ضرورت ہے۔ پھر کامیابی اِنْشَائَ اللّٰہ ہماری ہی ہوگی۔ ہمارے لئے انعام مقرر ہے صرف محنت کرنے کی دیر ہے اور یہ آخری وقت ہے اِس وقت زیادہ محنت کی ضرورت ہے۔ مزدوروں کو دیکھا ہوگا کہ وہ شام کے وقت محنت زیادہ کرتے ہیں کیونکہ مزدوری ملنے کا وہی وقت ہوتا ہے وہ جانتے ہیں اگر اِس وقت مالک خوش ہو گیا تو انعام پائیں گے۔ پس ہمیں بھی چاہیے کہ اس وقت ہر قسم کی قربانیاں کرنے کے لئے تیار رہیں کیونکہ پردہ اُٹھنے کی دیر ہے خداتعالیٰ کا ارادہ اس فتنہ و فساد کے مقابلہ میں جو ہمارے مخالف ہمارے مقابلہ میں کر رہے ہیں یہ ہے کہ ہمیں انعام دے۔
پس میں اپنی جماعت کو نصیحت کرتا ہوں کہ دشمن نے کروٹ بدلی ہے ہم جسے مُردہ سمجھتے تھے وہ ابھی مرا نہیں ہاں آخری دَم کو پہنچ چکا ہے پس اس کے فتنوں کے مقابلہ میں ہمت دکھلاؤ اور قربانیاں کرو انعام تمہارے ہاتھوں سے نہیں جائے گا۔
اگر تم چاہتے ہو کہ تمہیں دشمن کے مقابلہ میں کامیاب فتح ہو اور اس کے بعد دشمن کو سراُٹھانے کی جرأت نہ ہو تو خاص طور پر ہمت دکھاؤ اور قربانیاں کرو۔
(الفضل ۳۰؍ اکتوبر ۱۹۱۷ئ)
۱،۲؎ الفاتحہ: ۷
۷۹
اہل قلم اصحاب توجہ کریں
(فرمودہ ۲۶؍ اکتوبر ۱۹۱۷ء )
تشہد، تعوذ اور سورۃ فاتحہ کے بعد حضور نے مندرجہ ذیل آیت کی تلاوت کی:۔
۱؎
اور فرمایا:۔
’’اللہ تعالیٰ کی طرف سے جو مذاہب لوگوں کی ہدایت اور اصلاح کے لئے آتے ہیں ان کی کامیابی، اشاعت اور غلبہ اللہ تعالیٰ کی قدرت، فضلوں اور زبردست نشانوں کے ساتھ ہی ہوتا ہے لیکن باوجود اس کے جو مذہب خدا کی طرف سے ہو اُس میں انسانی کوشش کے بغیر کامیابی نہیں ملتی۔ اس میں کوئی شک نہیں کہ جو کامیابی بھی ہوتی ہے وہ کوشش کا نتیجہ نہیں ہوتی جو انسان کرتے ہیں لیکن اس میں بھی کوئی شک نہیں کہ اُنہیں کوشش ضرور کرنی پڑتی ہے۔ دیکھو اسلام کی اشاعت کے لئے رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم اور صحابہ کرام کو وطن چھوڑنے پڑے۔ مالوں کو، عزیر و اقرباء کو چھوڑنا پڑا۔ دشمنوں کا تلوار کے ساتھ مقابلہ کرنا پڑا لیکن جو ترقی ہوئی اُس کے مقابلہ میں قربانی کچھ بھی نہ تھی۔
رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کا مقابلہ ساری دنیا سے تھا اور جو قوم آپ کے مقابلہ پر آئی تھی وہ اپنی تعداد کے لحاظ سے، اثر کے لحاظ سے، رسوخ کے لحاظ سے، مال و دولت کے لحاظ سے غرض ہر حیثیت سے زیادہ تھی مگر کامیابی رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کو ہی ہوئی اور اِس کو انسانی کوشش کا نتیجہ نہیں کہا جا سکتا۔اگر انسانی کوششوں سے ہی ایسی عظیم الشان کامیابی ہوا کرتی ہے تو آج بھی ایک قوم سے جنگ شروع ہے اِدھر طاقت، مال، رسوخ غرض کہ تمام سامان اُس کی نسبت زیادہ ہیں۔ فرق صرف اتنا ہے کہ اس کی پہلے سے تیاری تھی لیکن باوجود اِس کے آج تک ایک کروڑ آدمی مارا اور زخمی ہو چکا ہے تا ہم مقصد حاصل نہیں ہوا۔ اسلام کے مقابلہ میں جو حملہ آور تھے وہ تعداد میں اور ہر حیثیت میں زیادہ تھے اُن کو ایسی شکست ہوئی کہ ان کا نام و نشان باقی نہ رہا مگر اُس لڑائی میں دیکھو اگرچہ دشمن کی تعداد تھوڑی ہے مگر پھر بھی وہ مغلوب نہیں ہوا۔ افغانستان کی ساری آبادی یا آجکل کے عرب کی جس قدر بھی آباد ی ہے اِس ساری کو دُگنا کر دیا جائے تو ان کی تعداد اتنی ہوگی جتنے اِس جنگ میں اِس وقت تک مَر چکے ہیں مگر فیصلہ ابھی تک ہونے میں نہیں آتا۔ اِدھر دیکھو مسلمانوں کی جماعت ایک محدود جماعت تھی اور مال و دولت سازوسامان بھی محدود ہی تھا مگر ان کی قربانیاں ایسے پھل لائیں کہ دشمن بالکل مٹ گئے، مسلمان جس قدر مارے گئے اور جتنا مال انہیں خرچ کرنا پڑا وہ بہت کم تھا اُس کامیابی کے مقابلہ میں جو اِن کو حاصل ہوئی۔
رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے وقت کی جنگوں میں جو مسلمان شہید ہوئے اُن کی تعداد دو تین سَو سے زیادہ نہیں اور دشمن کے ہلاک ہونے والوں کی تعداد ہزار ڈیڑھ ہزار سے زیادہ نہیں لیکن ان جنگوں کا نتیجہ دیکھو کیسا فیصلہ کن اور عظیم الشان نکلا کہ دشمن بالکل کچلا گیا۔ اسے مسلمانوں کی قربانیوں اور کوششوں کا نتیجہ نہیں کہا جا سکتا تو یہ قربانی کچھ بھی نہیں۔ افراد کے لحاظ سے اگرچہ انہوں نے بڑی بڑی قربانی کی مگر مجموعی لحاظ سے جو قربانی ہوئی وہ کامیابی کے مقابلہ میں بڑی نہ تھی اور جب قوموں سے مقابلہ ہوتا ہے تو جماعتوں کی قربانی دیکھی جایا کرتی ہے اور اِس بات کا لحاظ ہوتا ہے کہ جماعت کی طرف سے کتنی قربانی ہوئی۔
مسلمانوں نے فرداً فرداً جو قربانی اور اخلاص دکھایا اور دین کی راہ میں جو کوشش کی وہ بے نظیر تھی مگر کامیابی اس کوشش کا لازمی نتیجہ نہیں تھی۔ کیونکہ اگر لازمی نتیجہ ہوتی تو ہر ایک وہ قوم جو اِن جتنی تعداد رکھتی اسے ایسی ہی کامیابی ہوا کرتی لیکن کیا کوئی ایسی نظیر دنیا میں پیش کی جا سکتی ہے؟ ہرگز نہیں۔ تو مسلمانوں کا مقابلہ بڑی تعداد کے ساتھ ہؤا۔ افراد کے لحاظ سے گو انہوں نے بڑی بڑی قربانیاں کیں اور ان سے بڑھ کر کوئی کیا کرے گا اور جب صحابہ کرام کی قربانیوں کا ذکر ہوگا تو یہ نہیں کہا جائے گا کہ ان کے اتنے آدمی مارے گئے کہ جتنے کسی کے نہیں مارے گئے یا یہ نہیں کہا جائے گا کہ ان کا اتنا مال خرچ ہؤا کہ کسی اَور نے نہیں کیا بلکہ یہ دیکھا جائے گا کہ ان کے ایک آدمی نے جتنا کام کیا اتنا کسی اَور نے بھی کیا ہے یا نہیں۔ اس کے مقابلہ میں ان سے بڑھ کر کوئی اَور نظر نہیں آئے گا لیکن ان کی مجموعی قربانی اور کوشش کو دیکھو اور پھر ان کی کامیابی کی طرف نظر کرو کہ کیا نسبت رکھتی ہے۔ انہوں نے عرب کو فتح کیا اور خدا کے فضل سے ہی کیا نہ کہ ان کی کوشش اور قربانی کی وجہ سے۔ اگر خدا کی قدرت کے ماتحت نہ ہوتا تو انہیں کبھی کامیابی نہ ہو سکتی۔ اِس وقت ہی عراقِ عرب جو عرب کا ایک حصہ ہے اس کے فتح کرنے کے لئے گورنمنٹ برطانیہ کے قریباً بیس ہزار آدمی کام آ چکے ہیں مگر سارا علاقہ صاف نہیں ہؤا حالانکہ سازوسامان کے لحاظ سے، طاقت کے لحاظ سے، خرچ کے لحاظ سے قربانی تو زیادہ ہوئی ہے اس لئے چاہیے تھا کہ کامیابی بھی زیادہ ہوتی مگر ایسا نہیں ہؤا۔
پس صحابہ کرام کو جو کامیابی ہوئی اور ان کی قربانیوں کا جو نتیجہ نکلا وہ خدا کے فضل سے اور اُسی کی تائید سے نکلا۔ اِس کو ان کی کوشش کا لازمی نتیجہ نہیں کہہ سکتے۔ لازمی نتیجہ یہ ہوتا ہے کہ جو بھی ایسا کرے اُس کو ضرور وہ نتیجہ حاصل ہو جائے مگر ہر ایک کو ایسا کرنے کے باوجود بلکہ اس سے بھی زیادہ کرنے پر وہ حاصل نہیں ہو سکتا۔
اب سوال پیدا ہوتا ہے کہ اگر خدا نے اپنی قدرت سے ہی یہ نتائج مسلمانوں کے لئے مہیا کئے تو کیا ضرورت تھی کہ تین سَو آدمی ان کے مرتے۔ اس کے بغیر ہی فتح دے دیتا، ان کے سب مخالفوں کو ہلاک کر دیتا اور یہ قلیلُ التعداد لوگ بغیر کسی قسم کی تکلیف اُٹھائے کامیاب و بامراد ہو جاتے۔ابوجہل، عتبہ، شیبہ وغیرہ جتنے سرکش اور دشمنانِ اسلام تھے آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم جب صبح کو نماز کے لئے اُٹھتے تو دیکھتے کہ ان کے گلے میں طوق پڑے ہوئے ہیں اور آپ کے دروازے پر پڑے ہیں۔ اِس کا جواب یہ ہے کہ خدا کی قدیم سے سنت ہے کہ پہلے اپنے مخلص بندوں کو کوشش کرنے کے لئے کہتا ہے جتنی ان کی طاقت ہوتی ہے اس کو وہ خرچ کرتے ہیں باقی مدد خداتعالیٰ خود دیتا ہے اور وہ کامیاب ہو جاتے ہیں اگر ایسا نہ ہو تو ان کے اخلاص کا کیسے اظہار ہو۔ اس کی مثال ہم گورنمنٹ میں دیکھتے ہیں بعض کاموں کے لئے وہ لوگوں کو کہہ دیتی ہے کہ تم اتنا روپیہ مثلاً پندرہ یا بیس ہزار اگر جمع کر لو تو باقی ہم دے دیں گے یہی اللہ تعالیٰ کا طریق ہے۔ پس کسی کامیابی کیلئے کوشش ضرور کرنی پڑتی ہے پھر اللہ تعالیٰ کا تصرف خود کام کرتا ہے اور عظیم الشان کامیابی حاصل ہو جاتی ہے۔ انسانی عقل اور تاریخ گواہی دے رہی ہے کہ مسلمانوں نے کوشش کی مگر ان کی کوشش کا لازمی نتیجہ فتح نہ تھی وہ خدا نے اپنے فضل سے ان کو دی۔
یہی حال ہمارا ہے۔ یہ سچ ہے کہ ہمارے دشمن ناکام ہوں گے، ان میں ہمیں یقینا غلبہ حاصل ہوگا جیسا کہ خداتعالیٰ نے حضرت مسیح موعود سے وعدہ فرمایا وَجَاعِلُ الَّذِیْنَ اتَّبَعُوْکَ فَوْقَ الَّذِیْنَ کَفَرُوْا اِلٰی یَوْمِ الْقِیَامَۃِ ۲؎ کہ تیرے متبعین کو تیرے منکرین پر غلبہ دوں گا۔ پس باوجود اس کے کہ کامیابی خدا کے ہی فضل سے ہوگی مگر یاد رکھو کہ خدا کا فضل اُس وقت تک نہیں آئے گا جب تک کہ ہم اپنی تمام طاقت و ہمت صرف نہ کر لیں۔ ہماری فتح اور کامیابی یقینی ہے مگر اِس کو ہماری کوشش اور سعی کے ساتھ وابستہ کر دیا گیا ہے اِس لئے جب تک ہم اپنی پوری طاقت اور کوشش سے کام نہ لیں گے کامیابی حاصل نہ ہوگی۔ دین کے لئے خدمت کرنا کوئی فرض کفایہ نہیں بلکہ جس طرح نماز، روزہ ہر ایک اُس انسان پر فرض ہے جو عاقل بالغ ہے اِسی طرح دین کی خدمت ہر ایک پر فرض ہے اس لئے ہر ایک کو اس میں لگ جانا چاہیے۔
میں نے پچھلے جمعہ کے خطبہ میں بتایا تھا کہ ہمارے مخالف پھر زور کر کے اُٹھے ہیں اور زور کے ساتھ مقابلہ میں آئے ہیں۔ انہوں نے خیال کیا ہے کہ آج تک ہم نے پورے زور کے ساتھ مقابلہ نہیں کیا۔ اگر ابتداء سے ہم ایسا کرتے تو اِن کو مٹا دیتے حالانکہ یہ ان کا خیال غلط ہے۔ وہ پہلے اپنا سارا زور لگا کر ناکام ہو چکے ہیں لیکن معلوم ہوتا ہے وہ پہلی کمزوری کو بھول گئے ہیں اور اب پھر انہیں یہ وہم ہوا ہے۔ پہلے بھی انہوں نے یہ زور لگایا تھا جسے خود پسندی سے بھول گئے ہیں اور سمجھتے ہیں کہ انہوں نے ہمارا مقابلہ پہلے کچھ نہیں کیا حالانکہ پہلے مایوس ہوگئے تھے مگر اب انہوں نے سمجھا ہے کہ اگر کچھ کریں تو ضرور ہمیں نقصان پہنچا دیں گے اور ایسا ہوا کرتا ہے کہ جب مقابلہ میں کسی کو زِک ہوتی ہے تو تھوڑی دیر بعد وہ زور لگاتا ہے کہ شاید اب کے کچھ کامیابی ہو جائے۔ یہی خیال ہمارے مخالفین کو پیدا ہوا ہے۔ پس ہماری جماعت کے ہر ایک فرد کا فرض ہے کہ اس مقابلہ کے لئے تیار ہو جائے۔ میں دیکھتا ہوں کہ جماعت کو اپنے اس فرض کی طرف بہت کم توجہ ہے۔ آج صرف تقریروں کا زمانہ نہیں بلکہ تحریر کا ہے اور تحریر سے ایک شخص دور دور تک ہلچل ڈال سکتا ہے۔ اِس زمانہ میں مطابع کی ایجاد اور کاغذ کی کثرت نے حملہ کے طریق کو بدل دیا ہے اور جس طرح شرارت کے اسباب زیادہ ہوگئے ہیں اسی طرح ہدایت کے سامان بھی بہت وسیع ہوگئے ہیں۔ پس زبانی طور پر تبلیغ کا کام کرنے کی بجائے یہ طریق زیادہ مؤثر ہے۔ اس وقت ہمارے مخالف اِنہی سامانوں کے ساتھ اُٹھے ہیں۔ ستارہ صبح، ذوالفقار، اہلحدیث وغیرہ اخباروں میں حملے ہو رہے ہیں۔ کئی انجمنیں ہیں جو ٹریکٹ ہمارے خلاف شائع کرتی ہیں اور ان ٹریکٹوں کی بیسیوں تک نوبت پہنچ گئی ہے جن کا کوئی جواب نہیں دیا گیا۔ کس قدر افسوس کی بات ہے کہ ایک وہ وقت تھا ہمارا قرضہ دشمنوں کے ذمہ ہوتا تھا لیکن اب ہمارے ذمہ ہے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ آجکل جو لوگ لکھ سکتے ہیں اُنہوں نے فرضِ کفایہ کی طرح دین کی خدمت کو سمجھ لیا ہے۔ وہ کہتے ہیں ہم میں سے فلاں فلاں جو کام کر رہے ہیں ہمیں کیا ضرورت ہے حالانکہ ضرورت اِس بات کی ہے کہ مجموعی طور پر مخالفین کا مقابلہ کیا جائے اِس لئے میں تمام دوستوں کو نصیحت کرتا ہوں کہ وہ سُستی اورغفلت کو چھوڑ دیں اور ہر ایک ٹریکٹ، اشتہار، اخبار خواہ وہ غیراحمدیوں کے ہوں یا غیر مبائعین کے یا عیسائیوں کے یا آریوں کے غرض کسی طرف سے ہوں اُن کا جواب دیا جائے اور اُن پر اعتراض کئے جائیں تا کہ دشمن کو حملہ کا پہلو چھوڑ کر دفاع کا طریق اختیار کرنا پڑے۔ اور حملہ شرافت سے بھی ہو سکتا ہے۔ اب تک تو کسی حد تک دفاع کا پہلو رہا ہے لیکن اب حملہ کرنا چاہیے۔ ان حملوں میں انسانیت کو چھوڑنے کی ضرورت نہیں۔ دیکھو فتح مکہ دفاع نہیں تھا حملہ تھا۔ عربوں نے جب کئی دفعہ حملہ کیا اور مسلمانوں کی طرف سے دفاع کیا گیا تو رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے غزوہ احزاب میں فرمایا کہ اب تک تو دشمن ہم پر حملہ کر رہے ہیں لیکن ہم اب انہیں حملہ کا موقع نہیں دیں گے اور خود ان پر حملہ کریں گے۔۳؎ چنانچہ چند ہی سالوں میں مخالفین کی جمعیت منتشر اور پراگندہ ہو کر ضائع ہوگئی۔ ہجرت کے تیرہ سال میں آٹھ سال مسلمانوں نے دفاع کیا اُن میں اتنی کامیابی نہیں ہوئی جتنی ساڑھے پانچ سال میں جن میں حملہ کیا گیا۔
حملہ کے ساتھ شرط نہیں کہ ظالمانہ ہو اور دوسروں کے بڑوں کو گالیاں دی جائیں یا جن کے مذہب کا ذکر بُرے الفاظ میں کیا جائے اُن کے بزرگوں کو جھوٹے اور مکّار کہیں۔ ہاں ان کے مذہب کے کمزور پہلوؤں کو بیان کریں اور ان پر اعتراض کریں تا کہ ان کو بھی کچھ فکر پڑے۔ جو ان کا اعتراض ہو اُس کا بھی جواب دیا جائے مگر اپنی طرف سے اُن پر اعتراض ہوں۔ قانون کے اندر رہ کر ان کی تردید ہو۔ جب یہ حالت ہوگی تو ان کو بھی اپنی فکر پڑ جائے گی۔ پس وہ سب لوگ جو لکھ سکتے ہیں اخبار میں مضامین لکھیں، اشتہار شائع کریں، ٹریکٹ لکھیں۔ پہلے جو کوتاہی ہو چکی ہے ہو چکی۔ اب کوتاہی کا وقت نہیں ہے۔ پہلے ان کے اعتراضات کی طرف توجہ نہیں کی گئی اور جب تک ہماری طرف سے خاموشی رہی ان کے حملے بڑھتے گئے اب وقت ہے کہ ہم ان کے حملوں کا ردّ کر کے ان پر حملہ کر سکتے ہیں ورنہ ہم ان کے اعتراضات کے نیچے دَب جائیں گے۔
حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے وقت تمام لوگ کام میں لگے رہتے تھے۔ پُرانے بدر اور الحکم کے فائل اُٹھا کر دیکھ لو تمہیں معلوم ہو جائے گا کہ مخالفوں کو چھوٹے بھی جواب دے رہے ہیں اور بڑے بھی۔ مولوی نورالدین صاحب لکھتے ہیں، مولوی عبدالکریم صاحب لکھ رہے ہیں۔ وہ لوگ اخباروں میں مضامین لکھنا اپنی ہتک نہیں سمجھتے تھے۔ ایک طرف ان کا جواب ہوتا تھا تو ساتھ ہی کسی کم علم کا جواب بھی ہوتا تھا جس کے املاء بھی درست نہ ہوتا تھا۔ جب یہ حالت تھی تو دشمن بھی حملہ کرنا بھول گئے تھے۔ پس میں ساری جماعت کو نصیحت کرتا ہوں خصوصاً قادیان کے لوگوں کو کہ کوئی ٹریکٹ، اشتہار، اخبار وغیرہ نہ رہ جائے جس کا جواب ہماری طرف سے نہ دیا جائے۔ اسلام کے جس مسئلہ پر بھی اعتراض ہو ہمارا فرض ہے کہ ہم اِس کا جواب دیں۔ اللہ تعالیٰ نے فرمایا ہے اِس کا مطلب یہ ہے کہ جو لوگ یہ کام کر سکتے ہیں وہ کریں یہ مراد نہیں کہ ایک خاص جماعت ہونی چاہیے۔
پس تمام اُن دوستوں کو توجہ کرنی چاہیے جو کام کر سکتے ہیں کہ وہ اس مخالفت کی رَو کو روکنے میں بہت کوشش کریں۔ جن سالوں میں ہم نے توجہ نہیں کی وہ یقینا تاریخ احمدیہ میں ضائع شدہ سال سمجھے جائیں گے۔ اللہ تعالیٰ رحم کرے۔ (الفضل ۳؍ نومبر ۱۹۱۷ئ)
۱؎ اٰل عمران: ۱۰۵
۲؎ تذکرہ صفحہ۶۱،۹۶۔ ایڈیشن چہارم
۳؎ بخاری کتاب المغازی باب غزوۃ خندق وھی الاحزاب
۸۰
کامیابی کے لئے دعائیںکرو
(فرمودہ ۲؍ نومبر ۱۹۱۷ء )
تشہد، تعوذ اور سورۃ فاتحہ کے بعد حضور نے مندرجہ ذیل آیت کی تلاوت کی:۔
۱؎
’’اللہ تعالیٰ کے انعامات اور افضال بعض اس قسم کے ہوتے ہیں کہ جب تک انسان کی طرف سے اُن کے لئے استدعا نہ کی جائے حاصل نہیں ہوتے۔ جب محنت کے بعد وہ آتے ہیں تو بھی وہ انعام ہی ہوتے ہیں اِس لئے کہ وہ محنت کا لازمی نتیجہ نہیں ہوتے بلکہ وہ انسان کی محنتوں اور کوششوں سے بہت بڑھ کر ہوتے ہیں لہٰذا ان کو کسی صورت میں محنت اور کوشش کی جزاء نہیں کہا جا سکتا تا ہم آتے اُسی وقت ہیںجب محنت سے کام لیا جاتا ہے۔ مگر جیسا کہ میں نے بیان کیا ہے ایسے انعامات صرف کوشش کے ساتھ ہی نہیں آتے بلکہ ظاہری سامانوں کے مہیا کرنے کے علاوہ قلب کی کیفیات کا بدلنا بھی ان کے لانے کا موجب ہوتا ہے اور وہ اس طرح کہ خدا ان انعامات کو نہیں بھیجتا جب تک انسان درخواست نہیں کرتا۔ جیسا کہ معزز لوگوں کا طریق بھی ہے اور بجا طریق ہے کہ وہ بن بلائے کسی کے پاس نہیں جاتے کیونکہ اگر وہ لوگ ایسا نہ کریں تو ان کی احتیاج پائی جائے۔
اللہ تعالیٰ نے بھی انعامات دو حصوں میں تقسیم کر رکھے ہیں۔ ایک وہ جو بن مانگے دیتا ہے اور دوسرے وہ جو محنت کے ساتھ مانگنے پر ملتے ہیں۔ پس جو ایسے اعلیٰ درجہ کے انعامات ہوتے ہیں وہ نہ صرف یہ کہ کوشش سے ہی ملتے ہیں بلکہ کوشش کے ساتھ مانگنا بھی پڑتا ہے۔
پس جہاں ان مشکلات اور مصائب کے مقابلہ میں محنت اور کوشش کی ضرورت ہے جو ہمارے دشمنوں کی طرف سے ہماری راہ میں پیدا کی گئی ہیں اور ضرورت ہے کہ ہم اپنی تمام خداداد طاقتوں اور قوتوں کو ان کے مقابلہ میں صرف کریں جو ہم میں پائی جاتی ہیں کہ اسلام اور احمدیت کا منور چہرہ دنیا پر ظاہر ہو وہاں اس کے علاوہ خدا کے انعامات کا وارث ہونے کے لئے درخواست بھی کرنی چاہیے۔ رُتبہ بغیر مانگنے کے نہیں ملتا۔ پس محض کوشش اور محنت انعامات نہیں دِلوا سکتی اِس لئے سامانوں کے استعمال کے لئے ضروری ہے کہ دعا سے بھی کام لیا جاوے۔
اِس لئے ہماری جماعت کے لئے ضروری ہے کہ سامان بھی مہیا کرے اور درخواست بھی کرے کہ خدایا! ہم پر اپنے فضل نازل فرما۔ یہ بھی یاد رکھنا چاہیے کہ جیسے ممکن نہیں کہ دروازہ کھول دیا جاوے اور روشنی نہ آئے اور ممکن نہیں کہ کھانا کھایا جائے اور سیری نہ ہو اور ممکن نہیں کہ پانی پیا جائے اور پیاس نہ بجھے اور ممکن نہیں کہ لباس پہنا جائے اور برہنگی دُور نہ ہو اِسی طرح یہ بھی ممکن نہیں کہ محنت کے ساتھ ساتھ جب خدا سے درخواست بھی کی جائے تو انعام نہ ملے۔ ہاں اگر کوئی عقل یہ تجویز کر سکتی ہے کہ دروازہ کھلے اور روشنی اندر نہ آئے، کھانا کھایا جائے اور سیری نہ ہو، پانی پیا جائے اور پیاس نہ بجھے اور کپڑے پہنے جائیں اور عریانی دور نہ ہو، یہ تو شاید ہو سکے مگر یہ قطعاً ممکن نہیں کہ خدا کے دیئے ہوئے سامانوں کا استعمال کر کے پھر اُسی سے استدعاء کی جائے تو وہ کامیاب و مظفر و منصور نہ کرے اور اپنے انعامات کا وارث نہ بنائے۔
پس ہمارے اِردگرد پہاڑوں کے پہاڑ مشکلات کے جمع ہیں۔ خدا سے دعائیں کرنی چاہئیں کہ وہ ان رُکاوٹوں کو دور فرما دے اور ہم پر انعامات نازل کرے۔
(الفضل ۶؍ نومبر ۱۹۱۷ئ)
۱؎ النحل: ۹۱
۸۱
حصولِ علم ہر احمدی کا فرض ہے
(فرمودہ ۹؍ نومبر ۱۹۱۷ء )
تشہد، تعوذ اور سورۃ فاتحہ کی تلاوت کے بعدحضور نے مندرجہ ذیل آیت کی تلاوت کی:۔
۱؎
پھر فرمایا:۔
’’چونکہ یہ زمانہ زمانۂ اشاعت اسلام ہے اور منشائِ الٰہی یہ ہے کہ اسلام کو اپنی تمام شان کے ساتھ دنیا میں ظاہر کرے اس لئے اِس زمانہ کی ضرورتوں کے مطابق تبلیغ اسلام کے متعلق ضروری ہے کہ زیادہ زور دیا جائے اور اس کام کے کرنے کے لئے جو ضروریات اور سامان ہیں اُن کو مشرح کر کے بیان کیا جائے تا کہ ہر شخص اس میں حصہ لے سکے۔
حقیقتاً تبلیغ کے لئے دو ہی باتیں ہیں جن کی بہت بڑی ضرورت ہے۔ اوّل علمِ صحیح۔ جب تک صحیح علم کسی بات کا حاصل نہ ہو انسان خود اپنی تسلی، تسکین اور تشفی نہیں کر سکتا۔ میرا مطلب تسلّی اور تسکین سے وہ حالاتِ سکر اور نشہ نہیں جو جہالت کا نتیجہ ہوتی ہے بلکہ وہ حقیقی یقین مراد ہے جس کے بغیر اطمینانِ کامل نصیب نہیں ہو سکتا۔ جہالت کا نتیجہ بھی آرام ہے لیکن وہ حقیقی آرام نہیں کہلا سکتا۔ میں اس کو مثال دے کر سمجھاتا ہوں مثلاً کوئی شخص ایسے جنگل میں ہو جہاں شیر پائے جاتے ہوں مگر اُس کے سامنے کوئی شیر نہ ہو اور نہ اُس کو علم ہو کہ اِس بن میں شیر ہیں تو اُس کو اطمینان ہوگا۔ مگر ایک دوسرا شخص ہو جس نے تمام جنگل کو دیکھ بھال کر یقین کر لیا ہو کہ شیروں سے خالی ہے تو اس کو بھی اطمینان حاصل ہوگا۔ مگر ظاہر ہے کہ دونوں کے اطمینان میں فرق ہے۔ پہلے کا اطمینان جہالت سے ہے اور دوسرے کاصحیح علم سے۔ یا مثلاً کوئی کہیں بیٹھا ہو اور ایک شخص کسی جگہ اُس کے اکلوتے بیٹے کو قتل کر رہا ہو۔ یا کوئی شخص اپنے کھیت پر یا مکان پر یا دفتر میں ہو اور اس کی غیبت میں اُس کا گھر لُٹ رہا ہو، کھیت جل رہا ہو، اس کے عزیز و اقارب پر مصیبت پڑ رہی ہو تو چونکہ اس کو علم نہیں اس لئے وہ اطمینان میں ہوگا لیکن اس کا اطمینان و آرام واقعی نہیں ہے بلکہ اِس لئے ہے کہ اس کو پتہ نہیں اور خطرہ سے لاعلم ہے۔ یا مثلاً کسی کو کلورا فارم سنگھا کر بیہوش کر دیا گیا ہو ایسی حالت میں خواہ کسی بھی عضو کو کاٹ دو اُس کو اس حالت میں خبر نہ ہوگی۔ یا مثلاً ایک شخص کھانا کھاتا ہے اور اس کو علم نہیں کہ اس میں زہر کی آمیزش ہے تو وہ اطمینان اور تسلی سے کھائے گا مگر ایک دوسرا شخص ہے کہ اس کو علم ہے کہ میرا کھانا زہر سے بالکل پاک ہے اب اگرچہ اِن دونوں کو اطمینان ہے مگر ان کے اطمینان میں فرق ہے۔ ایک کا اطمینان جہالت سے ہے دوسرے کا علم سے۔
پس علم کے بغیر کسی کو کیا سمجھانا ہے۔ انسان اپنے نفس میں خود مطمئن نہیں ہو سکتا۔ تبلیغ کے لئے ضروری ہے کہ اُن باتوں کا علم حاصل کیا جائے جن کی تبلیغ منظور ہے۔ اب غور کرنا چاہیے کہ ایک طرف تو قرآن سب مسلمانوں کا فرض قرار دیتا ہے کہ ۲؎ کہ تم ایک بہترین اُمت ہو جو لوگوں کے نفع کیلئے نکالے گئے ہو۔ پس کہ تبلیغ ہر ایک مسلمان پر فرض ہے۔ اِدھر قرآن فرماتا ہے کہ جس بات کا تمہیں علم نہ ہو دوسروں کو مت کہو۔ ان دونوں کو ملانے سے جو نتیجہ ہم نکالتے ہیں وہ یہی ہے کہ تبلیغ ہر ایک پر فرض ہے نیز یہ بھی کہ تبلیغ کے لئے ضروری مسائل کا علم حاصل کرے۔ جن کی تبلیغ منظور ہے اگر ایسا نہیں کرتا بے علمی کے ساتھ تبلیغ کرتا ہے تو خدا کے حضور پوچھا جائے گا۔ تبلیغ چونکہ ہرشخص پر فرض ہے اس لئے ہر ایک شخص کا یہ بھی فرض ہے کہ وہ دلائل بھی معلوم کرے۔
شاید بعض لوگ خیال کریں کہ اس سے تو معلوم ہوا کہ مولوی ہونا فرض ہے لیکن ایسا خیال کرنا غلطی ہے کیونکہ درحقیقت چند مسائل ہیں جو اصولی ہیں ان کا سمجھنا کافی ہے۔ باریک در باریک باتیں، بڑے بڑے علوم فلسفہ و منطق طبّ وغیرہ جو لوگ پڑھتے ہیں ان کا تعلق دین سے کچھ نہیں۔ ان کا حصول تو فروعات کے لئے مفید ہو سکتا ہے دین کے لئے فقط اصول کی ضرورت ہے۔ زائد باتوں کی دین کے لئے اتنی ضرورت نہیں۔ بڑے علوم کی جن کو تحقیق اور ان میں کمال پیدا کرنے کی ضرورت ہو وہ بیشک کریں یہ بھی مفید ہے مگر دین کا انحصار ان علوم پر نہیں۔ اِسی طرح مذاہب کے مقابلہ میں چند اصولی باتیں ہیں اگر ان اصول کو غلط ثابت کر دیا جائے تو وہ مذاہب خود بخود باطل ہو جائیں گے۔ جب دیواریں گر پڑیں تو چھت قائم نہیں رہ سکتی وہ خود گر پڑے گی۔ سب سے اہم اصول ہوتے ہیں اگر اصول حل ہو جائیں تو فروع خودبخود حل ہو جاتے ہیں۔
اِس زمانہ میں جماعت احمدیہ پر فرض مقرر کیا گیا ہے کہ اشاعت اسلام کرے اور اس سچے اسلام کو دنیا تک پہنچائے جو اِس کو ملا ہے۔ پس مسلمانوں کے دوسرے فرقے بھی جو اسلام کا دعویٰ کرتے ہیں محتاج ہیں کہ اُن کو بھی حقیقی اسلام بتایا جائے کیونکہ دوسرے فرقوں کے پاس وہ اسلام نہیں جو اصل اسلام ہے۔ تو ہماری جماعت نے اپنے ذمہ لیا ہے بلکہ خدا نے ان کے ذمہ ڈالا ہے کہ وہ تبلیغ اسلام کرے۔ پس جماعت کے لوگوں کو چاہیے کہ پہلے تبلیغ کے اصل کو پورا کریں۔ تمام ضروری علوم کو حاصل کریں جن کی تبلیغ کی ضرورت ہے۔ غیر احمدیوں کے لئے تین چار مسئلہ ہیں۔
۱۔ وفات مسیح ۲۔ آمدِ مسیح کا ثبوت قرآن و حدیث سے ۳۔ راستبازوں کی پہچان کے معیار ۴۔ پیشگوئیوں کے متعلق خداتعالیٰ کی سنّت کیا ہے۔ ۵۔ ہر قسم کی نبوت نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے بعد بند ہوگئی یا کوئی قسم جاری بھی ہے۔
یہ پانچ مسائل ہیں۔ پہلا مسیح فوت ہو چکا ہے دوسرا اِسی اُمّت میں سے ہے اِس کی تائید قرآن کریم کی فلاں فلاں احادیث سے ہوتی ہے۔ پیشگوئیوں کے پورا ہونے کا طریقہ کیا ہے۔ اِن سب مسائل کے لئے سَو آیات اور احادیث سے زیادہ نہیں بنتی ہوں گی ان کو اچھی طرح سمجھ لے۔ زیادہ سے زیادہ ایک مہینہ میں انسان بخوبی سمجھ سکتا ہے۔ اگر پورا وقت نہ دے سکے صرف ڈیڑھ دو گھنٹہ بوجہ اپنے کام کاج کی مصروفیت کے دے سکے تو پانچ چھ مہینے میں اچھی طرح خوب یاد کر سکتا ہے۔ اگر غور کریں تو بہت سا فرصت کا وقت محض لغو باتوں میں بہت سے ہیںجو صَرف کر دیتے ہوں گے۔ وہ اُسی وقت کو جو ایسی باتوں میں خرچ کرتے ہیں جن کا دین سے کوئی تعلق نہیں اِس دین کے علم حاصل کرنے میں لگائیں تو وہ بخوبی فائدہ اُٹھا سکتے ہیں اور ان کے کام کاج میں بھی کچھ حرج واقع نہیں ہوگا کیونکہ ضائع ہونے والا وقت ان سے مانگا جاتا ہے۔ اگر ایسی چیز جو ضائع ہو رہی ہو کسی سے طلب کی جائے تو اُس کو دینے میں عار نہیں ہوگا۔ یا مثلاً اگر کوئی شخص زائد روٹی باہر پھینک رہا ہو کہ کوئی کتا کھا لے گا اگر کوئی بھوکا مانگے تو اُس آدمی کو دینے میں کچھ تکلیف نہیں ہوگی۔
اگر ہر ایک شخص اپنے اوقات پر غور کر کے دیکھے تو اس کو معلوم ہو جائے گا کہ اس کا کوئی نہ کوئی وقت ضرور ضائع ہو رہا ہے۔ پس اگر وہ اس کام سے فائدہ اُٹھائے اور اس وقت میں ضروری علم دین حاصل کرے تو اس میں اتنی قابلیت پیدا ہو سکتی ہے کہ خواہ کتنا ہی بڑا مولوی کیوں نہ ہو وہ اُس کا مقابلہ اچھی طرح کر سکتا ہے۔
ساری صرف و نحو پڑھنے کی ضرورت نہیں۔ اگر کسی کو یوں علم کے طور پر پڑھنے کی ضرورت ہو تو تین چار سال میں آ سکتی ہے لیکن ہر ایک کے لئے اتنی صرف و نحو کی ضرورت نہیں۔ علوم بہت وسیع ہیں اور ہر ایک وہ چیز جو خداکی طرف سے آتی ہے وہ بے حد ہی ہوتی ہے۔ پس کوئی انسان نہیں جو تمام علوم کو حاصل کر سکے۔ ضرورت تو ان مسائل کی ہے جو سلسلہ سے تعلق رکھتے ہیں اور جن سے اسلام کا تعلق ہے۔ پس ان مسائل کے لئے صرف و نحو کے بھی آٹھ دس مسائل سے زیادہ نہیں۔ اُردو پنجابی کے بہت سے اشعار لوگ یاد کر لیتے ہیں کیا یہ مشکل ہے کہ آیات، احادیث اور ان مختصر قواعد صرف و نحو کو یاد کر لیا جائے۔ ادیب کے لئے بڑے مسائل کی ضرورت ہے سو ہر شخص کو ادیب نہیں بننا۔ پس وہ لوگ جو اشعار یاد کر لیتے ہیں اُن کے لئے اِن چند ضروری مسائل کا یاد کر لینا کونسی مشکل بات ہے۔ اگر تقسیم کر کے دیکھا جائے تو بہت تھوڑا وقت ان چیزوں پر صرف ہوگا۔ اِسی طرح عیسائیوں، سکھوں، آریوں کے متعلق بھی چند اصولی مسائل ہیں جو پندرہ بیس سے زیادہ نہیں اِن پر بھی اگر آدھ آدھ گھنٹہ لگایا جائے تو سارا کام ایک سال سے زیادہ کا نہیں۔ ہر ایک مسئلہ اور ہر ایک کتاب کو بِالاستیعاب دیکھنے پڑھنے کی عام لوگوں کو ضرورت نہیں۔ صرف اصولی مسائل کا علم ضروری ہے۔
جماعت کے لوگ خواہ پڑھے لکھے ہوں خواہ اَن پڑھ سب اس طریق سے دین کے ضروری مسائل کے عالم ہو جائیں گے۔ جن کو اللہ تعالیٰ توفیق دے وہ اور بھی بڑے بڑے علوم حاصل کریں مگر ہر ایک شخص کے لئے موقع نہیں کہ ان علوم کو حاصل کرے۔ اگر ان چیزوں کو اچھی طرح ذہن نشین کر لیا جائے تو کسی مولوی کی طاقت نہیں کہ ان کو دھوکا دے سکے۔
چونکہ جماعت کا کام ہی تبلیغ ہے اِس لئے نہایت ضروری ہے کہ جماعت کے لوگ علم کی طرف توجہ کریں ورنہ جو لوگ علم کے بغیر لوگوں کو سمجھاتے ہیں وہ گناہ کرتے ہیں۔ کیسی بے حیائی ہے کہ خود ایک بات کا علم نہ ہو مگر کوشش یہ کی جائے کہ دوسرے کو یقین دلا دیا جائے۔ پہلے خود علم سیکھا جائے بغیر اِس کے کام نہیں ہو سکتا۔
صحابہ کون سے علوم کے جو آجکل مولوی بننے کے لئے ضروری سمجھے جاتے ہیں عالم تھے مگر اُن کو دین کا علم تھا اور اِس کا اُنہیں شوق تھا۔ احادیث سے ثابت ہے کہ جب وہ آپس میں ملتے تھے تو یہ نہیں ہوتا تھا کہ اپنے وقت کو ضائع کر دیں بلکہ وہ کہتے تھے آؤ بھائی دین کی باتوں سے اپنے دل کو ٹھنڈک پہنچائیں۔ ان کی مجالس میں لغو باتیں نہیں ہوتی تھیں بلکہ ایمان کی باتیں ہوتی تھیں اور وہ اپنی مجالس میں کہتے تھے کہ آؤ ایمان کی باتیں کریں۔۳؎ تو اُن کو دین کا شوق تھا اور وہ سیکھتے تھے۔
پس صرف و نحو کے مسائل اتنے سیکھ لو جتنے دین کے لئے ضروری ہیں۔ باقی وہ سیکھیں جنہیں زبانِ عرب میں کمال حاصل کرنا ہو کیونکہ دین سے اس کا چنداں تعلق نہیں۔ بعض لوگ اِس سے ناجائز فائدہ اُٹھاتے ہیں اُن کو جب کہا جاتا ہے تبلیغ کرو تو کہہ دیتے ہیں کہ علم نہیں یہ تو مولویوں کا کام ہے۔ یہ ان کا کہنا درست نہیں کیونکہ سارے علوم اَور تو اَور نبی بھی نہیں جانتے۔ زراعت کے متعلق ایک دفعہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے پوچھا گیا۔ آپ نے رائے دی۔ اِس سے فصل اچھی نہ آئی۔ عرض کیا گیا۔ فرمایا اَنْتُمْ اَعْلَمُ بِاُمُوْرِ دُنْیَاکُمْ۔۴؎ میں اِس علم کو نہیں جانتا تم خود ہی اِس کو خوب جانتے ہو۔ سارے مسائل نہیں آتے تو کوئی نہ کوئی مسئلہ ضرور آتا ہی ہوگا مثلاً وفاتِ مسیح کا ہو گا یا آمدِ مسیح کا۔ یا راستبازوں کے معیاروں کا یا نبوت کا۔ یہ غلط ہے کہ کوئی بھی مسئلہ نہ آتا ہو جو آتا ہے اسی کی تبلیغ کرے۔ اس کو کون کہتا ہے کہ وہ سارے مسائل کی تبلیغ کرے لیکن یہ قصور کس کا ہے کہ اس کو دینی مسائل سے واقفیت نہیں۔ اُس کا فرض تھا کہ وہ سیکھتا۔ یہ کوئی جواب نہیں کہ مجھ کو نہیں آتا۔ ماں کے پیٹ سے کون سیکھ کے آتا ہے علوم سیکھنے سے ہی آتے ہیں۔ وضو کا مسئلہ ہے یہ نہیں کہ وضو کیا کرایا پیدا ہو بلکہ انسان سیکھتا ہے تو آتا ہے۔ وضو کا حکم نماز میں ہی داخل ہے۔ جو نماز پڑھتا ہے اس کو وضو کا علم ہونا چاہیے۔ اب اس پر فرض ہے کہ دوسروں کو سکھائے۔ ہر ایک کا فرض ہے کہ جو اس کو آتا ہو دوسروں کو سمجھائے۔ اگر ان مسائل میں شک پڑے جن کا اسے علم نہیں تو اس کی ہتک نہیں۔ اگر کہہ دے کہ مجھ کو ان مسائل سے واقفیت نہیں اِس کہنے سے خدا کے حضور گناہ کامرتکب نہیں ہوگا۔
غرض اِس زمانہ میں تبلیغ فرض ہے اور ہمارا فرض ہے کہ اس فرض کو پورا کریں۔ جس کا طریق ایک یہ ہے کہ پہلے علم ہونا چاہیے۔ دلائل خوب یاد ہوں تا کہ دشمن پر حجت کریں۔ میں نے بتایا تھا کہ دو باتیں تبلیغ کے لئے ضروری ہیں آج صرف پہلی بیان ہوئی ہے دوسری اِنْشَائَ اللّٰہُ آئندہ بیان کروں گا۔ (الفضل ۱۷؍ نومبر ۱۹۱۷ئ)
۱؎ بنی اسرائیل: ۳۷ ۲؎ اٰل عمران: ۱۱۱
۳؎ بخاری کتاب الایمان باب قول النبی ﷺ بنی الاسلام علی خمس
۲؎ صحیح مسلم کتاب الفضائل باب و جوب امتثال ماقالہ شرعاً
۸۲
حق کے قبول کرنے میں کسی کی پرواہ نہیں ہونی چاہیے
(فرمودہ ۱۶؍ نومبر ۱۹۱۷ء بمقام دہلی)
تشہد، تعوذ اور سورۃ فاتحہ کی تلاوت کے بعد فرمایا:۔
’’کلمہ شہادت جو اسلام کا اصل الاصول اور تعلیم اسلام کا خلاصہ ہے اور جس کا اقرار کئے بغیر کوئی انسان کسی صورت میں مسلمان ہی نہیں ہو سکتا اپنے اندر ایسے وسیع مطالب اور معانی رکھتا ہے کہ جن کی حد بندی کرنا کسی انسان کا کام نہیں ہے اور اس کے مطالب کو ایک یا دو یا اس سے زیادہ تقریروں یا کتابوں میں بیان نہیں کیا جا سکتا۔ اِس کلمہ کے جو اسلام کی تمام تعلیم کا قائمقام رکھا گیا ہے صرف دو فقرے ہیں۔ ایک لَا اِلٰہَ اِلاَّ اللّٰہُ اور دوسرا مُحَمَّدٌ رَّسُوْلُ اللّٰہِ اِن دونوں فقروںکے اقرار کرنے کا جو یہ مطلب رکھا گیا ہے کہ انسان مسلمان ہو جاتا ہے تو معلوم ہوا کہ ان میں اسلام کی ساری تعلیم آ جاتی ہے کیونکہ اگر یہ نہیں تو پھر ان کے کہنے سے کوئی مسلمان کیونکر ہو سکتا ہے۔ کسی کام کے کرنے والا اُس کو کہا جاتا ہے جو اس تمام کام کو کرے ورنہ وہ کام کرنے والا نہیں کہلا سکتا۔ مثلاً اگر کوئی شخص کسی مکان میں اپنی ایک اُنگلی داخل کر دے تو اِس کے متعلق یہ نہیں کہا جائے گا کہ وہ مکان میں داخل ہو گیا ہے۔ ہاں جب وہ اپنا سارا جسم مکان میں داخل کر دے گا تب کہا جائے گا کہ مکان میں داخل ہو گیا ہے۔ تو ان دو فقروں کے کہنے والے کے متعلق جو یہ کہا جاتا ہے کہ وہ اسلام کے اندر داخل ہو گیا ہے اِس سے معلوم ہوا کہ یہ فقرے اسلام کی ساری تعلیم کا خلاصہ ہیں۔ پس اسلام کے وہ تمام احکام جو بڑے سے بڑے ہیں اور تمام وہ جو چھوٹے سے چھوٹے ہیں وہ اِن دو جملوں میں شامل ہیں لیکن بہت لوگوں کو اس سے غلطی لگی ہے اور انہوں نے خیال کر لیا ہے کہ بس یہی دو فقرے ہیں جن کا اقرار کر لینا ضروری ہے باقی جس قدر اسلام کے احکام ہیں اُن کو ماننے کی ضرورت نہیں ہے حالانکہ اسلام کے تمام احکام انہی دو فقروں کے اندر داخل ہیں اس لئے ان کا ماننا بھی نہایت ضروری ہے۔ اور رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے ثابت ہے کہ ایک موقع پر آپ نے صرف یہ کلمہ بیان فرمایا ہے مگر ساری تشریحات کو اِس میں داخل قرار دیا ہے۔ چنانچہ ایک دفعہ عبدالقیس قبیلہ کا وفد جب آپ کے پاس حاضر ہوا اور اس نے آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی خدمت میں عرض کیا کہ آپ کے اور ہمارے درمیان ایک ایسی روک حائل ہے جو ہمیں بار بار آپ کے پاس نہیں آنے دیتی اور وہ مضر قبیلہ کے لوگ ہیں جو اسلام کے سخت مخالف اور ہمارے بڑے دشمن ہیں۔ ان میں سے گزر کر ہم سوائے اشہر حرم کے اَور کسی مہینے میں آپ کے پاس نہیں پہنچ سکتے اس لئے آپ ہمیں کوئی ایسی تعلیم بتا دیں جو ہم اپنی قوم کو دے سکیں اور وہ ہدایت پا جائے۔رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے اُن کو فرمایا کہ میں تمہیں چار باتوں کے کرنے کا حکم دیتا ہوں اور چار کے کرنے سے روکتا ہوں۔ وہ چار باتیں جن کے کرنے کا آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے اُن کو حکم دیا اُن میں سے ایک یہ تھی کہ اللہ کے ایک ہونے پر ایمان لانا۔ بس اتنا ہی آپ نے فرمایا۔ اس کے ساتھ اپنی رسالت کے اقرار کا ذکر ہی نہیں کیا۔ پھر آپ نے ان سے سوال کیا کہ جانتے ہو خدا کو ایک ماننے کے کیا معنی ہیں؟ معلوم ہوتا ہے جس طرح آجکل بعض لوگوں نے اَشْھَدُ اَنْ لاَّ اِلٰہَ اِلاَّ اللّٰہُ وَاَشْھَدُ اَنَّ مُحَمَّدًا رَّسُوْلُ اللّٰہِ کے ظاہری الفاظ کو پیش نظر رکھ کر غلطی کھائی ہے اور یہ نہیں سوچا کہ اِس میں اسلام کی تمام تعلیم کو خلاصہ کے طور پر بیان کر دیا گیا ہے اِس غلطی میں مبتلا ہو جانے کا خیال آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کو ان کے متعلق پیدا ہوا اس لئے آپ نے ان سے دریافت فرمایا کہ اِس کا تم کیا مطلب سمجھتے ہو؟ اُنہوں نے عرض کی اللہ اور اس کا رسول بہتر جانتا ہے۔ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا۔ اس کے یہ معنی ہیں کہ اللہ کو ایک سمجھو اور محمد صلی اللہ علیہ وسلم کو اس کا رسول یقین کرو۔ ۱؎ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کے اس جواب سے معلوم ہو گیا کہ محمد صلی اللہ علیہ وسلم کو خدا کارسول ماننا خداتعالیٰ کو ایک ماننے کے اندر داخل ہے۔
پس یہ ثبوت ہے اس بات کا کہ ایک فقرہ جو مجمل اور مختصر طور پر بیان کیا جائے گو بظاہر وہ ایک ہی بات نظر آئے لیکن جب اس کے مفہوم کو وسیع کیا جائے تو اور بھی بہت سی باتیں اس میں شامل ہوتی ہیں۔ اس بات کے ثابت ہو جانے کے بعد جب کلمہ شہادت پر غور کیا جائے تو یہ حقیقت پایۂ ثبوت کو پہنچ جاتی ہے کہ یہ کلمہ اگرچہ صرف دو جملوں سے مرکب ہے لیکن اِس میں اسلام کی ساری تعلیم کو خلاصۃً رکھ دیا گیا ہے اور جس طرح صرف لَااِلٰہَ اِلاَّ اللّٰہُ کے اندر مُحَمَّدٌ رَّسُوْلُ اللّٰہِ بھی آ جاتا ہے جیسا کہ میں ابھی بتا چکا ہوںکہ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے خود ایسا فرمایا ہے اِسی طرح ان دونوں جملوں میں باقی تمام اسلام کی باتیں آ جاتی ہیں۔ اگر انسان لَا اِلٰہَ اِلاَّ اللّٰہُ پر غور کرے تو خودبخود اسے معلوم ہو جاتا ہے کہ رسولوں کا ماننا اس کے اندر آ جاتا ہے کیونکہ اللہ تعالیٰ کے ایک ہونے کا پتہ رسولوں کے ذریعہ لگتا ہے اور اگر وہ نہ بتائیں تو پھر یہ معلوم نہیں ہو سکتا۔ دیکھئے ایک کمرہ کے اندر کچھ آدمی بیٹھے ہوں تو اس کمرہ سے باہر کے لوگ نہیں معلوم کر سکتے کہ اُس کے اندر کوئی بیٹھا ہے یا نہیں۔ لیکن اگر کوئی شخص جا کر دیکھ آئے اور پھر آ کر بتائے تو معلوم ہو سکتا ہے کہ اِتنے آدمی بیٹھے ہیں۔ اِسی طرح خداتعالیٰ تو ایک پوشیدہ ہستی ہے اس لئے لوگ نہیں جان سکتے کہ خدا ایک ہے یا زیادہ۔ لیکن وہ انسان جو اُس کی طرف سے بھیجا جاتا ہے اور جس کا خداتعالیٰ سے پورا پورا تعلق ہوتا ہے وہ جب بتاتا ہے کہ خدا ایک ہے تو پھر لوگ لَا اِلٰہَ اِلاَّ اللّٰہُ کا پورا اقرار کرتے ہیں۔ پس خداتعالیٰ کو ایک ماننے کے یہ معنی صاف طور پر معلوم ہو گئے کہ اس کا اقرار کرنے کے ساتھ ہی اس انسان کے خدا کا رسول ہونے پر ایمان لانا ضروری ہے جس نے یہ بات بتائی ہو کیونکہ اس کے بتائے بغیر یہ علم نہیں ہو سکتا کہ خدا ایک ہے یا زیادہ۔ تو جس طرح لَا اِلٰہَ اِلاَّ اللّٰہُ کے اندر محمد رسول اللہ شامل ہے اِسی طرح ان دونوں جملوں میں اسلام کی ساری تعلیم داخل ہے۔ مگر بہت لوگ ہیں جو کہہ دیتے ہیں کہ صرف ان دو جملوں کے کہہ دینے سے اور اسلام کی باقی تعلیم پر عمل نہ کرنے سے بھی انسان مسلمان ہو سکتا ہے حالانکہ انہیں دو جملوں میں اسلام کی ساری تعلیم شامل ہے اور اسلام کی کوئی بات ایسی نہیں جس کا ثبوت ان سے نہیں ملتا۔
اِس زمانہ میں کلمۂ شہادت پر غور نہ کرنے کی وجہ سے مسلمانوں میں جہاں اور بہت سی کمزوریاں پیدا ہو گئی ہیں وہاں ایک نہایت خطرناک بُرائی بھی پیدا ہو گئی ہے جس کا ردّ اِسی کلمہ سے ہو سکتا ہے اور وہ بُرائی یہ ہے کہ آجکل اِن سے جتنے فعل سرزد ہو رہے ہیں وہ یا تو دوسروں کے خوف سے ہو رہے ہیں یا اپنے طمع اور لالچ کی وجہ سے وہ کوئی کام کرنے لگیں۔ اِس میں یہ دیکھیں گے کہ دوسرے ہمیں کیا کہیں گے اور بجائے اس کے کہ وہ یہ دیکھتے کہ جو کام کرنے لگے ہیں وہ حق ہے یا نہیں یہ دیکھیں گے کہ اِس کے کرنے پر دوسرے ہمارے متعلق کیا رائے قائم کریں گے۔ آیااچھا کہیں گے یا بُرا۔ یہ بات ان کے تمام کاموں میں نظر آتی ہے خواہ وہ دینی ہوں یا دنیاوی۔ وہ یہ نہیں دیکھتے کہ حق اور راستی کیا ہے بلکہ دوسروں کے خوف اور ڈر کو دیکھتے ہیں۔
اِس کا نتیجہ یہ نکل رہا ہے کہ یہ لوگ بہت سی باتیں محض اس لئے قبول نہیں کرتے کہ لوگ ہمیں بُرا کہیں گے حالانکہ ان کے حق ہونے میں انہیں کوئی شک و شبہ نہیں ہوتا اور اس طرح دین کی باتوں کو قبول نہ کرنے کی وجہ سے ایمان کو اور دنیاوی باتوں کے اختیار نہ کرنے کی وجہ سے دنیاوی حقوق کو برباد کر رہے ہیں اور یہ بُرائی ان کے دلوں میں ایسی گڑ گئی ہے کہ وہ حق کو چھوڑ دینا آسان سمجھتے ہیں لیکن لوگوں کی ناراضگی سے ڈر کر ناحق کو ترک کرنا بہت مشکل خیال کرتے ہیں۔ حالانکہ وہ لَا اِلٰہَ اِلاَّ اللّٰہُ کہہ کر اِس بات کا اقرار کرتے ہیں کہ ہم اللہ کے مقابلہ میں کسی چیز کی پرواہ نہیں کریں گے اور سب کو چھوڑ دیں گے لیکن جب وہ لوگوں کے ڈر کی وجہ سے حق کو چھوڑتے اور ناحق کو اختیار کرتے ہیں تو ان کے متعلق کس طرح کہا جا سکتا ہے کہ لَا اِلٰہَ اِلاَّ اللّٰہُ کا صحیح طور پر اقرار کرتے ہیں۔ آجکل ہی جو سیاسی شور پڑا ہوا ہے اِس میں لاکھوں مسلمان ایسے ہیں جو اچھی طرح سمجھتے ہیں کہ جس بات کا مطالبہ کیا جا رہا ہے وہ اگر حاصل ہوگئی تو ہمیں سخت نقصان اُٹھانا پڑے گا مگر باوجود اِس جاننے کے چونکہ انہیں یہ خوف لگا ہوا ہے کہ اگر ہم نے اس کے خلاف آواز اُٹھائی تو لوگ ہمیں خوشامدی کہیں گے اِس لئے وہ بھی ساتھ شامل ہوگئے ہیں۔ یہ تو ایک بات ہے ان کے ہرکام میں یہی نقص اور غلطی نظر آتی ہے حالانکہ اسلام کا اصل الاصول یعنی کلمۂ شہادت انہیں بتلاتا اور آگاہ کرتا ہے کہ ایسا نہیں کرنا چاہیے بلکہ خدا کو ایک اور آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کو اُس کا رسول ماننا چاہیے۔ یعنی ان کے مقابلہ میں کوئی ایسی چیز نہیں ہونی چاہیے جس سے ڈر اور خوف پیدا ہو اور راستی کو چھوڑ دیا جائے۔
جب ہم یہی بات مذہب کے متعلق دیکھتے ہیں تو معلوم ہوتا ہے اِس میں بھی یہی کمزوری دکھائی جاتی ہے۔ ہماری جماعت میں ہی ایک اختلاف پیدا ہوا اور اس کی وجہ سے کچھ لوگ الگ ہوگئے اگر ان کے الگ ہونے کی سب سے بڑی وجہ دیکھی جائے تو یہی ہے کہ وہ کہتے ہیں کہ اگر ہم حضرت مرزا صاحب کو نبی کی حیثیت سے دنیا کے سامنے پیش کریں اور اِن کے نہ ماننے والوں کو کافر کہیں تو لوگ ہماری مخالفت کرتے ہیں اور ان کے جوش ہمارے خلاف بھڑک اُٹھتے ہیں۔ لیکن یہ وہی خوف اور ڈر ہے جس کا لَا اِلٰہَ اِلاَّ اللّٰہُ میں ردّ کیا گیا ہے کہ مومن کو خدا اور اس کے رسول کے مقابلہ میں کسی بات کی پرواہ نہیں کرنی چاہیے اور حق کو کسی مخالفت اور دشمنی کی وجہ سے نہیں چھوڑناچاہیے۔ اور یہ ثابت شدہ بات ہے کہ حق کو قبول کرنے والے ہی کامیاب ہوا کرتے ہیں۔ پس ہم نے جب حضرت مرزا صاحب کو خدا کا سچا رسول مان لیا ہے تو پھر ان کو کیوں دنیا کے سامنے پیش نہ کریں اور لوگوں کی مخالفت سے کیوں ڈر جائیں وہ ہمارا بگاڑ ہی کیا سکتے ہیں۔ اِس وقت تک ہمارا کیا بگاڑ لیا ہے کہ آئندہ کچھ بگاڑ لیں گے۔ ہم کو طرح طرح سے تکلیفیں دی گئیں ہیں، ہماری جائدادیں چھینی گئیں، ہمیں مشکلات میں ڈالا گیا، ہم سے ہر قسم کے تعلقات منقطع کر لئے گئے مگر باوجود اِن کی ہر قسم کی مخالفانہ کوششوں کے دیکھنا یہ چاہیے کہ کیا ہم گھٹ رہے ہیں یا بڑھ رہے ہیں؟خدا کے فضل سے کوئی دن ایسا نہیں گزرتا جس میں ہماری جماعت میں اضافہ نہیں ہوتا۔ ہر روز لوگ بیعت کرتے ہیں اور ہماری جماعت میں داخل ہوتے ہیں۔ بیعت کے خطوط روزانہ ڈاک میں آتے ہیں اور ہم دیکھ رہے ہیں کہ ساری دنیا کی مخالفت کے باوجود ہمارا قدم آگے ہی آگے پڑ رہا ہے اور ان کی مخالفت ہمارا کچھ بھی نہیں بگاڑ سکی۔ پس جس دنیا کی مخالفت ایسی ذلیل اور حقیر ہو اُس سے ہمیں کیا ڈر رکھنا چاہیے۔ اور جبکہ ہمیں پورا پورا یقین اور ایمان ہے کہ حضرت مرزا صاحب خدا کے سچے نبی ہیں اور آپ کا انکار ہلاکت اور تباہی ہے تو کیوں اِس کے اظہار سے باز رہیں۔ اور جبکہ کلمہ توحید میں ہمیں یہی تعلیم دی گئی ہے یہی طریق دنیاوی معاملات کے متعلق ہمارے لئے ضروری ہے۔‘‘ (الفضل ۲۴؍ نومبر ۱۹۱۷ئ)
۱؎ بخاری کتاب العلم باب تحریض النبیﷺوفد عبدالقیس علی ان یحفظوا الایمان والعلم ویخبروا بہ من ورائھم

۸۳
اسلام کا درد کس کے دل میں ہے
(فرمودہ ۳۰؍ نومبر ۱۹۱۷ئ)
تشہد، تعوذ اور سورۃ فاتحہ کی تلاوت کے بعد حضور نے فرمایا:۔
’’دنیا میں دو قسم کے انسان ہوتے ہیں جو خدا سے دوری کی وجہ سے اپنے آپ کو ہلاکت میں ڈالتے ہیں۔
۱۔ وہ لوگ کہ جنہیں ہدایت اور نور کی روشنی پہنچی ہی نہیں ہوتی یا پہنچی تو ہوتی ہے لیکن انہوں نے اپنی آنکھوں کو بند کر لیا ہوتا ہے جس کے باعث وہ فائدہ نہیں اُٹھا سکتے۔ ایسے ہی وہ لوگ بھی کہ جن کے گھروں میں ہدایت اور نور کی روشنی نہیں گئی ہوتی دُکھ میں ہوتے ہیں لیکن دوسری قسم کے وہ لوگ جن کے دائیں بھی نور ہو اور بائیں بھی، اوپر بھی نور ہو اور نیچے بھی، آگے بھی نور ہو اور پیچھے بھی لیکن انہوں نے نور کو اپنے اندر داخل نہ ہونے دیا، اپنی آنکھوں کو بند کر لیا۔ وہ پہلوں کی نسبت جن کو نور پہنچا ہی نہیں زیادہ دکھ اور مصیبت اور عذاب میں ہوتے ہیں۔
دیکھئے ایک شخص ہے جو پانی سے بہت دور ہے وہ بھی پیاس کے باعث دُکھ اُٹھائے گا لیکن وہ شخص جو چشمہ پر کھڑا ہے بلکہ اُس کی گردن پانی کے قریب جھک گئی ہے، اُس کے ہونٹ پانی سے مَس کرتے ہیں لیکن وہ گھونٹ نہیں بھرتا حالانکہ پیاس سے مرا جاتا ہے پہلے کی نسبت زیادہ قابل عذاب اور لائق ملامت ہوگا۔
ایک ایسا پیاسا شخص جس کے پاس پانی کا پیالہ تو دھرا ہو لیکن اس کو خیال ہوکہ اِس میں زہر ملا ہوا ہے وہ اُس پانی کو نہ پینے اور پیاس کی وجہ سے ہلاک ہو جانے کے باعث قابلِ ملامت ہوگا لیکن ایک دوسرا شخص جس کو یقین ہو کہ اس پیالہ کا پانی خالص ہے اور اس میں کسی قسم کی آمیزش نہیں اور اس کو پیاس بھی ستا رہی ہو اور وہ اس کو اُٹھا کر پھینک دیتا ہے یا پیتا نہیں تو پہلے کی نسبت زیادہ قابلِ ملامت ہے۔ یا مثلاً گورنمنٹ کا کوئی عہدیدار ہو اور کوئی چور اُس کی نگرانی میں رکھا گیا ہو اور وہ چور بھیس بدل کر وہاں سے نکل بھاگے تو اس عہدہ دار سے ضرور مؤاخذہ ہوگا۔ مگر ایک دوسرا عہدہ دار ہو اس کے سپرد بھی کوئی چور کیا گیا ہو اور چور بغیر بھیس بدلنے کے وہاں سے نکل جائے تو یہ افسر پہلے کی نسبت زیادہ زیر عتاب ہوگا۔
یہی حال خدا کے حضور مسلمان کہلانے والوں اور غیر مذاہب کے لوگوں کا ہے غیر مذاہب کے لوگ تو ایسے ہیں کہ ایک سورج چڑھا اور انہوں نے خیال کیا کہ اس سورج کا وجود ہمارے لئے مضر ہے اس لئے وہ اپنے مکان میں گھس گئے اور اپنے کواڑ اور کھڑکیاں بند کر لیں تا اس کی روشنی اندر نہ آ سکے تا کہ ایسا نہ ہو جس سے ہماری نظر کو نقصان پہنچے۔ انہوں نے کافی سمجھا کہ ہمارے پاس جو دیئے ہیں انہیں میں اپنا تیل ڈالیں گے اور کام کرتے رہیں گے۔ اس میں شک نہیں کہ ان لوگوں نے غلطی کی اور بے وجہ خیال کیا کہ سورج سے ہماری آنکھیں چندھیا جائیں گی اور ہمارے کام میں رُکاوٹ پیدا ہو جائے گی اِس غلطی کے باعث ضرور اِن سے پوچھا جائے گا۔ لیکن مسلمانوں کی حالت ان کے برعکس ہے یہ لوگ وہ ہیں جنہوں نے سورج کو چڑھا ہوا دیکھ کر پُرانے اور بوسیدہ چراغوں کو گل کر دیا اور سورج کے نیچے آ جمع ہوئے مگر اس کی روشنی سے فائدہ نہ اُٹھایا بلکہ اپنی آنکھوں کو بند کر لیا جس کے باعث ان کے کام کاج بند ہوگئے مگر دل میں اسلام کے نور کو داخل نہ ہونے دیا اِس لئے یہ لوگ پہلوں کی نسبت زیادہ زیر عتاب ہیں۔
اسلام کے سوا باقی سب مذاہب میں ایسے لوگ ہیں جو دین کی باتوں سے حتی کہ خداتعالیٰ پر بھی ہنسی اور ٹھٹھا کرتے ہیں لیکن باوجود اِس کے وہ لوگ دنیاوی طور پر ترقی کرتے ہیں لیکن مسلمان ان کے مقابلہ میں ایسے نہیں۔ اس وجہ سے ان پر عذاب اور مصیبتیں آتی ہیں اور وہ دنیا میں ترقی کی بجائے تنزل کرتے ہیں۔ عیسائیوں میں بے شمار لوگ ایسے ہیں جو عیسائیت سے الگ ہیں، ہندوؤں میں ہزاروں ایسے ہیں جو مذہب سے بالکل بے تعلق ہیں، وہ خدا کو نہیں مانتے، وہ نیچر کے پرستار ہیں وہ کہتے ہیں کہ نیچر ہی ہماری پیدائش کا ذریعہ ہے اور ہم نیچر کے ذریعہ ہی ترقی کر سکتے ہیں لیکن دنیا کی کوئی راحت نہیں جو ان کو حاصل نہیں۔ ان کے مقابلہ میں مسلمان نسبتاً زیادہ مذہب کے پابند ہیں پھر بھی مصائب و آلام کا شکار ہو رہے ہیں۔اِس کی وجہ سمجھتے ہو کیا ہے؟ یہی کہ وہ لوگ جن مذاہب کو چھوڑ رہے ہیں وہ باطل تھے۔ ان میں اس وقت حق نہیں تھا اس لئے انہوں نے ان مذاہب کو چھوڑ کر کوئی جرم نہیں کیا بلکہ ان کے لئے ترقی کا میدان کھل گیا ہے مگر مسلمانوں نے جس مذہب کو چھوڑا ہے وہ باطل نہیں بلکہ حق ہے اِس لئے انہوں نے ایک بہت بڑا گناہ کیا ہے۔ لہٰذا ضروری تھا کہ ان کو اس کی پاداش میں مبتلائے آلام کیا جاتا۔ غیر مذاہب کے لوگوں سے اسلام نہ قبول کرنے کی وجہ سے عاقبت میں باز پُرس ہوگی مگر مسلمانوں کو یہاں بھی مؤاخذہ سے بَری نہیں کیا جا سکتا اور وہ اِسی وجہ سے مصائب اور تکالیف کا شکار ہو رہے ہیں۔یہی وجہ ہے کہ سورۃ فاتحہ میں یہ دعا سکھائی گئی کہ خدایا! ہمیں ان لوگوں میں سے نہ بنانا جو انعام یافتہ ہو کر پھر تیرے عتاب کے نیچے آئے اور تیرے دربار سے نکال دیئے گئے۔
آج مسلمانوں کی جو حالت ہے وہ پوشیدہ نہیں۔ ان کے لئے کوئی ترقی کا راستہ نہیں۔ گرے ہوئے ہیں اور تھک کر بیٹھ گئے ہیں۔ یہ اپنے آپ کو ڈوبنے سے بچانے کے لئے ہاتھ پیر مارتے ہیں لیکن اَور زیادہ لہروں کے نیچے دَبے جا رہے ہیں۔ اِن کی مثال دلدل میں پھنسے ہوئے انسان کی مانند ہے جو نکلنے کے لئے جس قدر زور لگاتا ہے اُسی قدر دھنستا چلا جاتا ہے اور آخر غرق ہو جاتا ہے۔ اِس کی کیا وجہ ہے کہ وہ ذلّت اور رُسوائی سے نکلنے کیلئے جو بھی کوشش کرتے ہیں وہ ان کے لئے اور زیادہ ذلّت کا موجب بنتی ہے، وہ جس قدر زیادہ ہلاکت سے بچنے کے لئے زور لگاتے ہیں اُسی قدر زیادہ غرق ہوتے جاتے ہیں، یہی کہ ان کی کوشش غلط طریق پر ہے۔ دلدل سے بچنے کا ایک ہی طریق ہوتا ہے اور وہ یہ کہ بیرونی مدد آئے اور اس کے ذریعہ باہر نکلا جائے۔ پس دلدل میں پھنسے ہوئے انسان کو چاہیے کہ باہر سے جو رسّہ اس کے نکالنے کے لئے اس کی طرف پھینکا جائے اُسے پکڑے اور اس کے ذریعہ باہر آ جائے۔ چونکہ ایک زمانہ مسلمانوں پر ایسا آنا تھا اور ایسے خطرناک دلدل میں پھنسنا تھا جس سے اُنہیں کوئی دنیاوی کوشش نہیں نکال سکتی تھی اس لئے آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا تھا کہ اُس وقت مسیح اُترے گا جو ان ڈوبتوں کو بچا لے گا۔۱؎ کیونکہ جب ایسی حالت ہو جایا کرتی ہے تو صرف ایک ہی علاج کارگر ہوتا ہے اور وہ یہ کہ خدا کی طرف سے مدد آئے اور خدا ڈوبتوں کے بچاؤ کے لئے آسمان سے رسّی ڈالے۔ چونکہ انبیاء حبل اللہ ہوتے ہیں اِس لئے اِس وقت خدا نے دنیا کو بچانے کیلئے حضرت مسیح موعود علیہ السلام کو بھیجا مگر افسوس کہ جب خدا نے ان کے لئے یہ حبل اللہ اُتاری تو بجائے اِس کے کہ یہ لوگ اس کو پکڑتے انہوں نے رسّی کو کاٹنا شروع کر دیا۔
اِس وقت جو مسلمانوں کی حالت ہے وہ بَد سے بَدتر ہو رہی ہے مگر کیسی افسوسناک بات ہے کہ انہوں نے بجائے اس رسّی کو پکڑنے کے جو ان کو بچانے کے لئے ڈالی گئی تھی چاہا کہ کاٹ ڈالیں۔ اس کا کیا نتیجہ ہوگا؟ ظاہر ہے کہ ہلاک ہوں گے۔ یہ بیمار تھے خدا نے ان کے لئے طبیب بھیجا مگر ان کی تمام تر کوشش اسی ایک امر پر آ رہی ہے کہ اس طبیب کو ہلاک کر دیں۔ یہ اپنی بیماری اور اپنا ڈوبنا بھول گئے اس طبیب کی تباہی اور اس حبل اللہ کو کاٹنے کے درپے ہوگئے۔ اِس کے کٹ جانے پر کس کو خوشی ہوگی کیا اسلام کو؟ ہرگز نہیں۔ بلکہ اسلام کے دشمنوں کو خوشی ہوگی لیکن کیا یہ حبل اللہ کٹ جائے گا۔ ہرگز نہیں اس کے کاٹنے والے ہی کٹ جائیں گے۔ ان کی کوششوں کا وہی نتیجہ ہوگا جو ہمیشہ حق کی مخالفت کرنے والوں کی کوشش کا ہوتا آیا ہے کیونکہ اس کی محافظ کوئی کمزور ہستی نہیں بلکہ خداتعالیٰ ہے جس نے اس کو اپنی مخلوق کی نجات کے لئے بھیجا ہے۔ پس یہ لوگ اس حبل اللہ کا مقابلہ کر کے اپنی جانوں پر ظلم کر رہے ہیں اور اسلام کا نقصان کر رہے ہیں۔ اگر یہ عقل سے کام لیتے تو ان کو معلوم ہو جاتا کہ اسلام کے بچانے کے لئے کون سی جماعت ہے۔ کیا وہ مولوی جو حضرت مسیح موعود علیہ السلام پر طرح طرح کے حملے کرنے اور گالیاں دینے کو ہی اپنی زندگی کا بڑا مقصد سمجھتے ہیں؟ ہرگز نہیں۔ اسلام مرے یا جئے اُنہیں اس سے کوئی غرض نہیں۔ اسلام کی خاطر ان کی کوشش نہیں ہوتی بلکہ جب کبھی اسلام کی حفاظت اور اسلام کی طرف سے مقابلہ کرنے کا سوال پیدا ہو تو کہاجاتا ہے کہ ’’کسی مرزائی کو بُلاؤ‘‘ لیکن یہ عجیب بات ہے کہ حضرت مرزا صاحب جن کو وہ نَعُوْذُ بِاللّٰہ دجّال کہتے ہیں انہی کے خدام کو ایسے وقت میں بُلایا جاتا ہے۔ وہ ذرا غور تو کریں کہ کیا مرزا صاحب نے دجّال ہو کر ایسے انسان پیدا کر دیئے ہیں جو اسلام کی طرف سے ہر دشمن کے مقابلہ میں سینہ سپر ہونے کے لئے تیار رہتے ہیں۔ اگر ایسے ہی دجّال ہوتے ہیں تو میں تو کہتا ہوں کہ خدا کرے بہت سے ایسے دجّال ہوں تا کہ اسلام کی حفاظت ہو۔ یہ غور کرنے کی بات ہے جب کبھی حفاظتِ اسلام کا سوال پیدا ہوتا ہے تو لوگوں کی ان کفر باز مولویوں کی بجائے احمدی جماعت پر ہی نظر پڑتی ہے۔ چنانچہ میرے پاس آج ہی ایک خط آیا ہے اور وہ ایسے علاقہ سے آیا ہے جہاں اُردو نہیں بولی جاتی خط انگریزی میں ہے۔ اس میں لکھا ہے کہ ہمیں معلوم ہوا ہے کہ آپ کی طرف سے اسلام کی تبلیغ کے لئے ایک جماعت مقرر ہے اور آپ کے آدمی دُور دراز مُلکوں میں جا کر تبلیغ کر رہے ہیں میں آپ کو اطلاع دیتا ہوں کہ جاوا کے علاقہ میں جہاں مسلمانوں کی کثرت ہے ان کی حالت نہایت ناگفتہ بہ ہے۔ وہ لوگ نماز روزہ سے بالکل غافل ہیں، بتوں کے آگے سجدے کرتے ہیں ان کے نکاح بجائے مولویوں کے پنڈت پڑھاتے ہیں اِس لئے آپ ان لوگوں کی طرف توجہ کریں اور انہیں اسلام سکھائیں۔ پھر گورنمنٹ کی رپورٹ میں جو کچھ رائے لکھی گئی ہے اس کو لکھا ہے کہ اگر ان مسلمانوں کی یہی حالت رہی تو یہ ہندوؤں میں مل جائیں گے۔ خط کے اخیر میں لکھا ہے کہ آپ خدا کے لئے اِدھر توجہ فرمائیں اور اِن لوگوں کو جو اسلام سے بالکل دُور ہو چکے ہیں اسلام سے واقف کریں۔ مجھے آپ کی جماعت کے سِوا اور کوئی جماعت ایسی نظر نہیں آئی جس کے دل میں اسلام کا درد اور محبت ہو اس لئے میں آپ کو ہی متوجہ کرتا ہوں۔
اب ہم کہتے ہیں کیا وہاں مولوی نہیں ہیں؟ پھر کیا دنیا میں ایسے لوگ نہیں ہیں جو مسلمان کہلاتے ہیں؟ پھر کیا وجہ ہے کہ اِس خط کے لکھنے والے نے ان مولویوں اور مسلمانوں سے مایوس ہو کر ہمیں لکھا ہے کہ تم اِدھر توجہ کرو۔ اصل بات یہ ہے کہ عقلمند اور سمجھدار لوگ خوب جانتے ہیں کہ اسلام کی حفاظت اور تبلیغ خدا کے فضل سے ہمیں لوگ کر سکتے ہیں اور کر رہے ہیں جن کو ان کے مولوی ایک دجّال کے ماننے والے کہتے ہیں۔
د یکھئے ابھی مولوی صاحبان قادیان میں آئے تھے اور حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے خلاف جس قدر اُن سے ہو سکا زور لگا کر چلے گئے ہیں باہر بھی جہاں تک اُن سے ہو سکتا ہے ہمارے سلسلہ کے خلاف زور لگاتے رہتے ہیں۔ اسلام کی حفاظت کے لئے کیا کرتے ہیں؟ چالیس کروڑ مسلمانوں کی تعداد بتلائی جاتی ہے ان کے مقابلہ میں احمدیوں کی تعداد بہت قلیل ہے گویا کچھ بھی نہیں کیونکہ وہ ہم سے ہزاروں گنا زیادہ ہیں لیکن تبلیغ دین اور حفاظت اسلام کے متعلق ان تمام مسلمانوں اور ہماری جماعت کی کوششوں کا مقابلہ کر کے دیکھ لیا جائے کہ کیا نسبت ہے۔ وہ باوجود اس قدر زیادہ ہونے کے دین کی خاطر کیا کر رہے ہیں اور ہم باوجود اِس قدر قلیل ہونے کے کس کام میں مصروف ہیں۔
اگر ان کے بڑے بڑے امیروں اور تاجروں کو دیکھا جائے تو معلوم ہوگا کہ انہوں نے اور کاموں کے لئے خواہ کتنا ہی خرچ کیا ہو مگر اشاعت اور حفاظت اسلام کے لئے شاید ہی کوئی رقم تمہیں ان کے اخراجات میں نظر آئے گی مگر ان کے مقابلہ میں ایک غریب سے غریب احمدی کو بھی دیکھا جائے تو معلوم ہو جائے گا کہ اس غریب نے اپنے ماتھے کے پسینے کی کمائی سے بھی ایک حصہ اشاعت اور حفاظت اسلام کے لئے خرچ کیا ہوگا۔
ہمارا دعویٰ ہے کہ اسلام ہمارا ہے اور اُن کا دعویٰ ہے اسلام ہمارا ہے لیکن دیکھنا یہ ہے کہ جب اسلام پر کوئی مصیبت آتی ہے تو کون ہے جس کے دل کو تکلیف ہوتی ہے اور جس کا قلب درد محسوس کرتا ہے اور اپنی جان تک اس راہ میں لڑا دیتا ہے۔ اِسی ایک معیار سے ہمارا اور اُن کا فیصلہ ہو سکتا ہے اور پتہ لگ سکتا ہے کہ اسلام سے تعلق اِن کا ہے یا ہمارا۔
جس طرح حضرت سلیمان علیہ السلام نے ایک جھگڑے کا فیصلہ کیا تھا اِسی طرح ہمارے اور ان کے جھگڑے کا فیصلہ ہو جاتا ہے۔ دو عورتیں تھیں جن میں سے ایک کے بچہ کو بھیڑیا کھا گیا تھا اور دوسری کا بچ گیا تھا۔ جس کے بچہ کو بھیڑیا کھا گیا تھا اس نے دوسری سے کہا کہ میرا بچہ تو زندہ ہے تیرے بچہ کو بھیڑیا کھا گیا ہے۔ اِس پر دونوں میں جھگڑا شروع ہوا۔ قاضیوں کے پاس مقدمہ گیا مگر کچھ فیصلہ نہ کر سکے۔ حضرت سلیمان علیہ السلام نے کہا کہ میں اس کا فیصلہ فوراً کئے دیتا ہوں ایک چھری لاؤ آدھا آدھا دونوں کو کاٹ کر دے دوں گا۔ یہ سن کر ایک عورت نے کہا کہ آپ ایسا نہ کریں اِسی کو بچہ دے دیں مگر دوسری خاموش رہی۔ حضرت سلیمان نے کہا کہ یہ اسی عورت کا بچہ ہے جو کہتی ہے کہ دوسری کو دے دیں کیونکہ اِس کو درد پیدا ہوا ہے اور اِس نے سمجھا ہے کہ اگر بچہ کٹ جائے گا تو میرا کٹے گا اس کا تو پہلے ہی مَر چکا ہے لیکن اگر وہ لے لے گی تو زندہ تو رہے گا۔ اِس پر بچہ اُسے دے دیا گیا۔ ۲؎ اسی طرح کا ہمارا اور اُن کا جھگڑا ہے وہ بھی اسلام کا دعویٰ کرتے ہیں اور ہم کہتے ہیں کہ اسلام ہمارا ہے۔ اب فیصلہ کرنے والی بات یہ ہے کہ دیکھا جائے کون ہے وہ جو اُس وقت جبکہ اسلام کو مٹانے کے لئے دنیا بڑھتی ہے اپنی گردن آگے رکھ دیتا ہے اور کہتا ہے کہ پہلے میرے سر کو دھڑ سے الگ کر دو پھر اسلام پر حملہ کرنا اور کون ہے وہ جس کو خبر تک بھی نہیں ہوتی۔ صاف بات ہے ہمارے فریق مقابل کے بڑے بڑے سیٹھوں اور امیروں کو دیکھو، ان کے صوفیوں اور پیروں کو دیکھو کہ اسلام کی راہ میں کیا خرچ کر رہے ہیں اور پھر اس کے مقابلہ میں ہماری جماعت کے غریب سے غریب لوگوں کو دیکھو اور ان کی طرف نظر کرو جنہیں دو وقت پیٹ بھر کر کھانے کو بھی میسر نہیں کہ دین کے راستہ میں کس خوشی اور محبت سے جو کچھ بھی اُن سے ہو سکتا ہے دینے سے دریغ نہیں کر رہے۔
اگر اِن مسلمان کہلانے والوں کو بھی اسلام سے کچھ تعلق ہوتا تو کیوں ان کو اسلام کی ایسی حالت دیکھ کر جوش نہ آتا لیکن بات یہ ہے کہ ان کی حالت اُس شخص کی مانند ہوگئی ہے جو جانتا ہے کہ پانی موجود ہے اور اُس میں تریاق ملا ہوا ہے لیکن وہ اُس کو پیتا نہیں کیونکہ اس کی شامتِ اعمال حائل ہوگئی ہے۔ پس یہ زیادہ عتاب کے نیچے ہیں۔ انہوں نے خدا سے منہ پھیر لیا خدا نے ان سے اسلام کی خدمت کی توفیق ہی چھین لی جو شخص خدا کے پسندیدہ اور اس کے مامور انسان کی پرواہ نہیں کرتا خدا کو اس کی پرواہ نہیں اس لئے ان کو خدمت اسلام کی توفیق ہی نہیں ملتی۔ سوچنے والے سوچیں اس میں ہمارے سلسلہ کی حقانیت کا کتنا بڑا ثبوت ہے۔
یہ لوگ ہمارا نام و نشان مٹانا چاہتے ہیں مگر ہمیں اِن سے ہمدردی ہے اور ہم ان کے لئے دعا ہی کرتے ہیں۔ حضرت مسیح موعود علیہ السلام نے بھی فرمایا ہے۔
اے دل تو نیز خاطر ایناں نگاہ دار
کآخر کنند دعویٰ حبِّ پیمبرم
یہ لوگ آخر قرآن، اسلام اور آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی محبت کا دعویٰ بھی کرتے ہیں اِس لئے ہم اِن کے لئے دعا کرتے ہیں کہ خدایا! اِن کی آنکھیں کھول تا اُس سورج کو دیکھیں اور اِس سے فائدہ اُٹھائیں جو تو نے انہی کے فائدہ کے لئے چڑھایا ہے اور اُس حبل کو تھام لیں جو تو نے ڈوبتوں کو غرق ہونے سے بچانے کے لئے بھیجا ہے۔(الفضل ۱۱؍ دسمبر ۱۹۱۷ئ)
۱؎ صحیح مسلم کتاب الفتن و اشراط الساعۃ باب ذکر الدجال
۲؎ صحیح بخاری کتاب الفرائض باب اذا ادّعت المرأۃ ابنًا
۸۴
اشاعت اسلام کے لئے زندگی وقف کرنے کی تحریک
(فرمودہ ۷؍ دسمبر ۱۹۱۷ئ)
تشہد، تعوذ اور سورۃ فاتحہ کی تلاوت کے بعد حضور نے مندرجہ ذیل آیت کی تلاوت کی۔
۱؎
پھر فرمایا:۔
’’میں نے پچھلے خطبہ جمعہ میں اِس وقت جو مسلمانوں کی حالت ہو رہی ہے اور جس طرح وہ محتاج ہیں کہ ان کی دینی تربیت کی جائے اور اسلام جن مشکلات سے گزر رہا ہے اور احمدیہ جماعت کا جو فرض ہے وہ بیان کیا تھا۔ آج میں اس انتظام اور طریق عمل کے متعلق کچھ بیان کر نا چاہتا ہوں جس کے ذریعہ ہمارا یہ فرض آسانی کے ساتھ پورا ہو سکتا ہے۔
اِس میں کوئی شک نہیں کہ جو کام ہمارے سامنے ہے اس کی اہمیت اور شوکت کا اندازہ لگانا انسانی طاقت سے بالا ہے۔ کس قدر تاریکی کی طاقتیں ہمارے مقابلہ میں کام کر رہی ہیںجو نور کو مٹا دینا چاہتی ہیں۔ ہمیں جس قدر علم واقعات سے ہو سکتا ہے وہ ہمیں ہوشیار کر دینے کے لئے کافی ہے۔ ہمارے مقابلہ والے تعداد کے لحاظ سے، علوم کے لحاظ سے، جو ظاہر سے تعلق رکھتے ہیں، مال کے لحاظ سے غرض کسی حیثیت سے بھی دیکھا جائے دشمنوں کے مقابلہ میں ہماری کوئی حیثیت ہونا تو الگ رہا ہم کوئی جماعت کہلانے کے بھی مستحق نہیں۔ پھر اربوں آدمی ہیں جنہیں ہم کو اسلام سکھانا اور اس کی حقیقت بتانی ہے۔ پھر جو ہمارے مقابلہ میں مال صَرف ہو رہے ہیں ان کا اندازہ بھی مشکل ہے۔
ساٹھ کروڑ روپیہ عیسائیت کی تبلیغ میں صَرف ہوتا ہے اور ستّر ہزار عیسائی مشنری دنیا میں کام کر رہا ہے اور صرف انہی مشنریوں پر ہی ان کی تبلیغ کا دائرہ ختم نہیں ہو جاتا بلکہ اَور بھی بہت سے طریق ہیں جن کے ذریعہ عیسویت کی تبلیغ کی جاتی ہے۔ کالج بنائے گئے ہیں، سکول کھولے گئے ہیں، ہسپتال قائم کئے گئے ہیں، ہزاروں اور لاکھوں کی تعداد میں کتب شائع کی جاتی ہیں۔ یتیم خانے بنائے گئے ہیں اگر ان تمام اخراجات کو نظر انداز کر کے صرف ستّر ہزار مبلّغوں کی تنخواہوں کا ہی اندازہ کیا جائے اور اوسط تنخواہ سَو روپیہ ماہوار فرض کی جائے تو نظام دکن کی آمدنی جتنا ان کا صرف مبلّغوں کا ہی خرچ ہوگا اور جو دوسری مدات میں صَرف ہوتا ہے وہ ۲۰کروڑ سے کیا کم ہوگا۔اس کے مقابلہ میں ہمارے لئے جو سامان ہیں وہ گویا کچھ بھی نہیں۔ اگر ہماری جماعت تکلیف برداشت کر کے اپنی ساری آمدنیوں کو بھی دے دے تو بھی اس کے مقابلے میں کوئی حیثیت نہیں رکھتی۔ ہماری تو وہ مثل ہے ’’ایک انار و صد بیمار‘‘ کسی طبیب کو تو ایک انار کی موجودگی میں سَو بیمار کی شکایت کرنا پڑی تھی لیکن یہاں تو ایک انار اور کروڑ ہا بیمار کا معاملہ ہے۔جب صورتِ حال یہ ہے تو کوئی ایسی تجویز سوچنا چاہیے جس سے ہمارا فرض عمدگی کے ساتھ ادا ہو جائے اور یہ صاف بات ہے کبھی کوئی کام اُس وقت تک عمدگی سے نہیں ہو سکتا جب تک کہ تدبیر کے ساتھ اس کے تمام پہلوؤں پر غائر نظر کر کے دیکھ نہ لیا جائے۔
پس سب سے پہلے دیکھنا یہ چاہیے کہ تبلیغ اسلام کی راہ میں روکیں کیا ہیں اور سامان کیا ہیں؟ پھر ہم آسانی کے ساتھ اندازہ لگا سکتے ہیں کہ کس طرح اور کس طریق سے ہمیں کام کرنا چاہیے۔ یہ بات یاد رکھنے کے قابل ہے کہ دنیا میں محض طاقت سے کام نہیں ہو سکتا جب تک کہ طاقت کے ساتھ تدبیر اور انتظام نہ ہو۔ دو پہلوان کشتی لڑتے ہیں اُن میں جو طاقتور ہونے کے ساتھ داؤ پیچ سے بھی واقف ہوگا وہی کامیاب ہوگا۔ پھر آجکل طاقت کا دخل بہ نسبت تدبیر کے بہت کم ہے۔ جرمن سلطنت مال و مُلک و افواج کے لحاظ سے ہماری گورنمنٹ کے مقابلہ میں کچھ بھی نہیں مگر چونکہ وہ ایک عرصہ سے تدبیر میں لگی ہوئی تھی اِس لئے اب تک وہ مقابلہ کر رہی ہے۔
پس اگر ہم اپنا سارا زور خرچ کریں لیکن انتظام کے ساتھ نہ کریں تو ہم کامیاب نہیں ہو سکتے اس لئے ضرورت ہے کہ ہماری ساری طاقتیں جمع کی جائیں اور ان کو بہتر سے بہتر طریق کے ساتھ چلایا جائے تا کہ ان طاقتوں سے اِس قدر کام نہ لیا جائے کہ بِالآخر وہ ٹوٹ جائیں۔ چھت تب ہی قائم رہتی ہے جب کڑیوں پر زیادہ بوجھ نہ ہو۔
ہمارا دشمن ظاہری سازوسامان کے لحاظ سے ہر طرح ہم سے بڑھا ہوا ہے مگر مدد کے لئے چاروں طرف سے آوازیں آ رہی ہیں۔ اسلام میں ارتداد بڑھتا چلا جاتا ہے اب اگر ہم سب طرف توجہ کریں تو اُس ہر دلعزیز والا معاملہ ہوتا ہے جو دریا کے کنارے لوگوں کو پار اُتارنے کے لئے بیٹھا رہتا تھا۔ وہ ایک شخص کو جب سوار کر کے لے جاتا تو دوسرا آواز دیتا کہ جلدی کرنا مجھے پار لے جانا۔ وہ یہ سن کر پہلے کو دریا میں ہی چھوڑ آتا اور دوسرے کے لئے آ جاتا تا کہ اُس کی ہر دلعزیزی قائم رہے اور اِس طرح سب کو ہلاک کر دیتا تھا۔
اِس وقت بعض مقامات ایسے ہیں کہ جہاں ہم ایک روپیہ خرچ کر کے جو کام کر سکتے ہیں وہ بعد میں دس لاکھ روپیہ خرچ کر کے بھی نہیں کر سکتے اِس لئے دنیا کے سارے مقامات کو جانے دو مگر اُن مقامات کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا جو زیادہ محتاجِ اصلاح ہیں اور زیادہ خرچ بھی نہیں چاہتے لیکن اب تک ایسے مقامات جن میں واقعی ضرورت ہے اِن میں سے بھی سَواں حصہ نہیں جس کی طرف ہم توجہ کر سکے ہیں۔ ہماری جماعت پر دن بدن بوجھ بڑھ رہا ہے اور بعض کمزور طبائع ہیں جو اس بوجھ کو نہیں برداشت کر سکتیں۔ لیکن اگر موجودہ طریق کو کتنا بھی بڑھا دیا جائے تب بھی اس عظیم الشان کام کے مطابق نہیں ہوسکتا جو ہمارے پیش نظر ہے۔ اِس وقت ہماری حالت تو یہ ہے ’’نہ پائے رفتن نہ جائے ماندن‘‘۔
میں تبلیغ کے مسئلہ پر بہت غور کرتا رہا ہوں۔ اِس سے مجھے معلوم ہوا ہے کہ ہمارے موجودہ طرزِ تبلیغ کے خاطر خواہ نتائج نہیں نکل سکتے۔ میں جانتا ہوں کہ اگر موجودہ چندہ دینے والے دُگنے بھی ہو جائیں تو بھی اِس طریق پر کام خاطر خواہ نہیں ہو سکتا۔ غیروں سے تو ہم روپیہ نہیں مانگ سکتے اور یہ ہو بھی کیسے سکتا ہے کہ جب ہم ان کے خیالات کو مٹانا چاہتے ہیں تو انہیں سے مدد مانگیں اور وہ ہماری مدد کریں۔ ہم ان کے غلط عقائد کی بنیادوں کو گرانا چاہتے ہیں پھر ہماری غیرت کیسے تقاضا کر سکتی ہے کہ انہیں سے جا کر سوال کریں۔ اور دنیا میں اس طرح کب ہوا ہے کہ کوئی کسی کو کہے کہ میاں! چھری لانا میں تیرے بیٹے کو مار دوں۔ وہ لوگ تو اپنے غلط عقائد کو صحیح سمجھتے ہیں خواہ وہ کتنے ہی خلافِ اسلام کیوں نہ ہوں۔ مثلاً ان کا یہ خیال کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی قوتِ قدسیہ (نَعُوْذُ بِاللّٰہ) ایسی نہیں کہ جس سے کوئی کامل انسان پیدا ہو سکے۔ پھر ان سے یہ بھی توقع نہیں کی جا سکتی کہ وہ اس حصہ میں ہی ہماری مدد کر سکیں جو ان میں اور ہم میں مشترک ہے کیونکہ وہ اگر ایسے ہوتے تو پھر مسیح موعود کے آنے کی ضرورت ہی کیا تھی۔ لیکن مسیح موعود کا آنا بتاتا ہے کہ وہ دین کی خدمت کرنے کے لائق نہیں رہے تھے اور یہ کام مسیح موعود کی جماعت کے ہی سپرد ہوا ہے۔ اور میں نے بتایا تھا کہ ہماری غریب جماعت جس قدر روپیہ محض تبلیغِ اسلام کے لئے خرچ کرتی ہے سارے مسلمان باوجود اپنی بڑی تعداد کے اتنا روپیہ اس غرض کے لئے نہیں خرچ کرتے۔ یہ لوگ کالج قائم کرتے ہیں لیکن ان میں بجائے دیندار لڑکے پیدا ہونے کے ایسے تیار ہوتے ہیں جو دین سے بالکل بے بہرہ ہوتے ہیں۔ پس ہم ان پر امید ہرگز نہیں رکھتے اور نہ رکھ سکتے ہیں فقط ہماری تو امید اللہ پر ہی ہے۔لیکن ہمارے موجودہ ذرائع کافی نہیں اور ان ضروریات کو پورا نہیں کر سکتے جو ہمیں درپیش ہیں۔ پس ایسے ذرائع سوچنے چاہئیں جن سے جماعت پر بوجھ بھی نہ بڑھے اور ہم اپنے فرض کو بھی پورا کر سکیں۔
میں نے اس مسئلہ پر غور کرتے ہوئے تاریخ اسلام پر خوب نظر کی ہے تو معلوم ہوا ہے کہ بعض ذرائع ایسے ہیں جن پر اِس وقت تک عمل نہیں ہوا۔ اسلام دنیا میں اِس طریق سے نہیں پھیلا جس طریق پر ہماری تبلیغ ہو رہی ہے۔ پھر کون سا طریق تھا جس سے اسلام دنیا میں پھیلا؟ یہ تو نہیں تھا کہ تمام دنیا میں آسمان سے ایک آواز آ گئی تھی کہ اسلام سچا مذہب ہے اور آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم مبعوث ہوگئے ہیں اِس پر لوگوں نے اسلام قبول کر لیا تھا بلکہ اُس وقت بھی اسلام کوشش اور سعی سے ہی پھیلا تھا اور اب بھی اسی طرح پھیلے گا۔ لیکن وہ طریق دیکھنے چاہئیں جو اُس وقت استعمال کئے گئے تھے۔ ہماری جماعت کے موجودہ چندہ کو خواہ کئی گنا بڑھا دیا جائے کتاب پر کتاب شائع کی جائے تب بھی ہم تمام تبلیغی ضروریات کے مطابق کامیاب نہیں ہو سکتے۔
اب سوال یہ ہے کہ مسلمانوں کا کیا طریق تھا جس سے تمام دنیا میں اسلام پھیل گیا؟ سو یاد رکھنا چاہیے کہ وہ طریق تبلیغ ہمارے صوفیا کرام رضوان اللہ علیہم کا طریق تھا ہندوستان میں اسلام حکومت کے ذریعہ نہیں پھیلا بلکہ حکومت کے آنے سے صدیوں پہلے اسلام ہندوستان میں آچکا تھا۔ حضرت معین الدین چشتی کے ذریعہ اسلام کی تبلیغ ہوئی۔ پھر قطب الدین بختیار کاکی، فرید الدین شکر گنج، نظام الدین صاحب اولیائ۔ یہ لوگ مُلک کے مختلف گوشوں میں پھیل گئے اور خدا کے دین کی اشاعت میں مصروف ہوگئے۔ یہ لوگ تنخواہ دار نہیں تھے بلکہ انہوں نے اپنی زندگیاں وقف کر دی تھیں۔ کچھ حصہ دن میں اپنا کام کرتے تھے اور باقی وقت دین کی اشاعت میں صَرف کرتے تھے یہی حال دوسرے ممالک کا ہے وہاں بھی حکومت کے ذریعہ اسلام نہیں پھیلا بلکہ ایسے ہی لوگوں کے ذریعہ پھیلا ہے۔
پس یہ وہ طریق ہے جس کے ذریعہ اسلام نے دنیا میں ترقی کی تھی اور جسے حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام نے بھی پسند فرمایا تھا۔ حضرت صاحب کے وقت اِس مسئلہ پر غور کیا گیا تھا اور آپ نے قواعد بنانے کے لئے حامد شاہ صاحب کو مقرر فرمایا تھا۔ سید صاحب نے جو قواعد مرتب کر کے دیئے تھے وہ حضرت صاحب نے مجھ کو دیکھنے کے لئے دیئے تھے کہ درست ہیں یا نہیں؟ تو میں نے عرض کیا تھا کہ درست ہیں۔ حضرت صاحب نے بھی ان کو پسند کیا تھا۔ ان قواعد پر عمل کرنے کے لئے تجویز ہوا تھا کہ دوستوں کو اپنی زندگیاں وقف کرنی چاہئیں تا کہ سلسلہ پر ان کا کوئی بوجھ نہ ہو اور وہ خود محنت کر کے اپنا گزارہ بھی کریں اور اسلام کی اشاعت میں بھی مصروف رہیں اور وہ ایک ایسے انتظام کے ماتحت ہوں کہ اُن کو جہاں چاہیں جس وقت چاہیں بھیج دیں اور وہ فوراً چلے جائیں۔ ان تجاویز کو حضرت صاحب نے پسند فرمایا تھا۔ اُس وقت کچھ لوگوں نے اپنی زندگی وقف بھی کی تھی مگر پھر معلوم نہیں کہ کیا اسباب ہوئے کہ وہ سلسلہ قائم نہ رہ سکا۔ ابتدائے اسلام میں ہم دیکھتے ہیں کہ اسلام ایسے ہی لوگوں کے ذریعہ پھیلا۔ وہ لوگ چند آدمیوں کی جماعت بن کر مختلف اَقطاع میں چلے جاتے تھے۔ اپنے گھر بار چھوڑ دیتے تھے اور بال بچوں سمیت جدھر حکم ہوتا تھا چل کھڑے ہوتے تھے یہی وہ روح تھی جس نے اسلام کو ابتداء میں پھیلایا اور یہی وہ روح ہے جو حقیقی اسلام کی روح ہے۔ ابتداء میں تبلیغ کا یہی رنگ تھا اَور طریق بعد میں پیدا ہوئے ہیں۔ حضرت مسیح موعود علیہ السلام نے اس کو پسند فرمایا ہے اور یہی وہ طریق ہے جس کے ذریعہ ہم کامیاب ہو سکتے ہیں۔ پس جب تک کام اِس طرح نہیں ہوگا وہ کام انجام نہیں پائے گا جو ہمارے پیش نظر ہے۔
پس ہمارے دوست اپنی زندگیاں وقف کریں اور مختلف پیشہ سیکھیں پھر ان کو جہاں جانے کے لئے حکم دیا جائے وہاں چلے جائیں اور وہ کام کریں جو اُنہوں نے سیکھا ہے۔ کچھ وقت اِس کام میں لگے رہیں تا کہ ان کے کھانے پینے کا انتظام ہو سکے اور باقی وقت دین کی تبلیغ میں صَرف کریں۔ مثلاً کچھ لوگ ڈاکٹری سیکھیں کہ یہ بہت مفید علم ہے۔ بعض طبّ سیکھیں اگرچہ طبّ جہاں ڈاکٹری پہنچ گئی ہے کامیاب نہیں ہو سکتی مگر ابھی بہت سے علاقہ ایسے ہیں جہاں طبّ کو لوگ پسند کرتے ہیں۔ اِسی طرح اور کئی کام ہیں ان تمام کاموں کو سیکھنے سے ان کی غرض یہ ہو کہ جہاں وہ بھیجے جائیں وہاں خواہ ان کا کام چلے یا نہ چلے لیکن کوئی خیال ان کو روک نہ سکے۔ یہ ہونا چاہیے کہ مثلاً کوئی شخص ہے اپنی زندگی وقف کر چکا ہے۔ اس کو کسی ایسی جگہ بھیجا ہوا ہے جہاں اُس کی طبّ وغیرہ چل نکلی ہے اِس حالت میں اُس کو حکم ملتا ہے کہ اِس جگہ کو چھوڑ دو اور فلاں جگہ چلے جاؤ اُسے فوراً تیار ہو جانا چاہیے۔ تو خواہ زندگی وقف کرنے والے کا کسی جگہ کتنا ہی کام کیوں نہ پھیلا ہوا ہو جب اُس کو حکم ملے کہ فلاں جگہ جاؤ تو اُس کو فوراً اُس کام سے دَست بردار ہونا پڑے گا کیونکہ یہ کام اس نے اپنے منافع کے لئے شروع نہیں کیا تھا بلکہ دین کی خاطر شروع کیا تھا اور اب دین کی ضروریات اس کو وہاں سے ہٹا کر کہیں اور لے جانا چاہتی ہیں اِس لئے اس کو تأمل نہیں ہونا چاہیے۔ اِسی طرح ڈاکٹری، نجاری، معلمی ہے غرض مختلف پیشے ہیں جو ہر جگہ کام دے سکتے ہیں اگر اس طریق کو اختیار نہ کیا جائے تو ہم کبھی ساری دنیا میں تبلیغ نہیں کر سکتے۔ عیسائی باوجود کروڑ ہا روپیہ خرچ کرنے کے ساری دنیا کی تبلیغ کو اپنے ہاتھ میں نہیں لے سکے تو ہم کیسے لے سکتے ہیں۔ عیسائیوں میں بھی اِس طریق پر عمل کیا جاتا ہے اور اُن میں بہت سے لوگوں نے ہسپتال اور مدرسہ وغیرہ کھول رکھے ہیں۔ وہ اپنا خرچ خود اُٹھانے کے علاوہ اپنی تمام آمدنی بھی مشن میں خرچ کرتے ہیں لیکن ان کی تعداد کے لحاظ سے ایسے لوگ بہت کم ہیں۔ میرے دل میں مدت سے یہ تحریک تھی لیکن اب تین چار دوستوں نے باہر سے بھی تحریک کی ہے کہ اِسی رنگ میں دین کی خدمت کی جائے۔
پس میں اِس خطبہ کے ذریعہ یہاں کے دوستوںاور باہر کے دوستوں کو متوجہ کرتا ہوں کہ دین کے لئے جوش رکھنے والے آگے بڑھیں اور اپنی زندگیاں وقف کردیں جو ابھی تعلیم میں ہیں اور زندگی وقف کرنا چاہتے ہیں وہ مجھ سے مشورہ کریں کہ کس ہنر کو پسند کرتے ہیں تا ان کے لئے اس کام میں آسانیاں پیدا کی جائیں لیکن جو فارغ التحصیل تو نہیں لیکن تعلیم چھوڑ چکے ہیں وہ بھی مشورہ کر سکتے ہیں۔
میں جانتا ہوں کہ بعض لوگ جوش میں آ کر اس وقت عہد کرلیں گے اور اپنی زندگیاں وقف کر دیں گے مگر وہ نبھا نہیں سکیں گے اس لئے جہاں میں یہ کہتا ہوں کہ زندگیاں وقف کرو وہاں یہ بھی کہتا ہوں کہ خوب سوچ سمجھ کر اس راہ میں قدم رکھو کیونکہ یہ اقرار کرنا پڑے گا کہ ہم اپنی زندگیوں سے دستبردار ہوگئے۔ بعض عزیزوں، رشتہ داروں کی طرف سے مشکلات پیدا کی جائیں گی یا اپنا نفس ہی پیچھے ہٹنے کے لئے کہے گا۔ پس خوب سوچ کر دعاؤں کے بعد اِس راہ میں قدم رکھو۔ پھر یہ بھی اقرار کرنا پڑے گا کہ جہاں اور جس جگہ چاہو بھیج دو ہمیں انکار نہیں ہوگا۔ اگر ایک منٹ کے نوٹس پر بھی ان کو بھیجا جائے گا تو ان کو جانا پڑے گا۔ اگرچہ یہ بہت بڑا کام اور بہت بڑا ارادہ ہے مگر اِس کے انعامات بھی بہت بڑے ہیں۔ اگر کسی کو ایک جگہ ہزار روپیہ بھی آمدنی ہوگی تو اس کو چھوڑنا پڑے گا اور ایسی جگہ جانا ہوگا جہاں صرف دس روپے ملنے کی امید ہوگی اور آباد علاقوں کو چھوڑ کر جنگلوں کے سفر میں جانا پڑے گا۔ شہروں کو چھوڑ کر گاؤں میں رہنا پڑے گا۔ خطرناک موسم اُن کو اِس ارادہ سے روک نہ سکیں، جنگیں ان کے لئے رکاوٹ کا موجب نہ ہوں، دشوار گزار راستے ان کو بَد دل نہ کر دیں، بیوی بچوں کے تعلقات ان کے عزم کو ڈھیلا نہ کر سکیں، وہ چاہیں تو بیوی بچوں کو لے جائیں یا کہیں رکھیں مگر یہ نہیں ہوگا کہ کہیں کہ ہم ان سے علیحدہ نہیں ہو سکتے۔ پس جو اِن تکالیف کو برداشت کریں گے خدا ان کی مدد کرے گا اور ان کو بڑے بڑے انعامات کا وارث بنائے گا۔
پس جو اپنے آپ کو پیش کریں وہ سوچ سمجھ کر کریں۔ یہ کام بڑی بڑی قربانیاں چاہتا ہے جو لوگ تعلیم کی عمر کو گزار چکے ہیں وہ اِس میں شامل ہو سکتے ہیں اور جو کوئی ہنر بھی جانتے ہیں ان کو اِس وقت بھیج دیا جا سکتا ہے اور جو طالبعلم ہیں تو وہ تیار ہو سکتے ہیں اور مجھ سے مشورہ کر سکتے ہیں کہ کون سا کام سیکھیں۔ اگر ہمیں ۲۰ آدمی بھی ایسے مل جائیں تو موجودہ تبلیغ سے کہیں بڑھ کر تبلیغ ہو سکتی ہے اور ایسے نتائج پیدا ہو سکتے ہیں جو آج تک کی کامیابیوں سے بہت بڑھ کرہونگے جب تک ایسے انسان نہیں ہوں گے کام بخوبی نہیں ہو سکے گا۔
کچھ دوستوں نے اپنے بچوں کو دین کے لئے وقف کیا ہے۔ نہیں معلوم وہ بچے بڑے ہو کر کیا پسند کریں گے لیکن ماں باپ کو تو اپنی نیت کا ثواب مل چکا ہے۔ پس جو لوگ اپنے بچوں کو وقف کرنا چاہیں وہ پہلے قرآن کریم حفظ کرائیں کیونکہ مبلّغ کے لئے حافظِ قرآن ہونا نہایت مفید ہے۔ بعض لوگ خیال کرتے ہیں کہ اگر بچوں کو قرآن حفظ کرانا چاہیں تو تعلیم میں حرج ہوتا ہے لیکن جب بچوں کو دین کے لئے وقف کرنا ہے تو کیوں نہ دین کے لئے جو مفید ترین چیز ہے وہ سکھا لی جائے۔ جب قرآن کریم حفظ ہو جائے گا تو اور تعلیم بھی ہو سکے گی۔ میرا تو ابھی ایک بچہ پڑھنے کے قابل ہوا ہے اور میں نے تو اس کو قرآن شریف حفظ کرانا شروع کرا دیا ہے۔ ایسے بچوںکا تو جب انتظام ہوگا اور اس وقت ہوگا اور جو بڑی عمر کے ہیں وہ آہستہ آہستہ قرآن حفظ کر لیں گے لیکن جو زندگی وقف کرنا چاہتے ہیں مجھ سے مشورہ کریں کہ کون سا پیشہ سیکھیں گے۔ پھر ان کے متعلق وہ پہلو اختیار کیا جائے گا جو زیرِنظر ہے۔
اللہ تعالیٰ ہماری جماعت کے لوگوں کو توفیق دے کہ وہ قربانیاں کریں اور ان کے اعمال، افعال، عقائد خدا ہی کی رضا کے ماتحت ہوں تا کہ اس کے فضلوں کے وارث ہو جائیں۔
(الفضل ۲۲؍ دسمبر ۱۹۱۷ئ)
۱؎ اٰل عمران: ۱۰۵
۸۵
زندگی وقف کرنے والوں کے متعلق خداتعالیٰ کا شکریہ
اور جلسہ کے لئے احبابِ قادیان کو نصیحت
(فرمودہ ۱۴؍ دسمبر ۱۹۱۷ئ)
تشہد ، تعوذ اور سورۃ فاتحہ کے بعد حضور نے مندرجہ ذیل آیات کی تلاوت فرمائی۔
۱؎
پھرفرمایا:۔
’’پہلے تو میں اللہ تعالیٰ کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ اُس نے ہماری جماعت کو دین کی خدمت کی توفیق عطا کی اور وہ اپنی ہمت اور مقدرت کے مطابق ضرور کوشش کرتی ہے۔ میں نے پچھلے جمعہ اعلان کیا تھا کہ ہم اپنے مقصد میں اِس ذریعہ سے کامیاب نہیں ہو سکتے اور اپنے فرض کو ادا نہیں کر سکتے کہ صرف مال سے ہی کام لیں بلکہ ہماری کامیابی کے لئے ضروری ہے کہ ہماری جماعت میں سے کچھ دوست ایسے کھڑے ہوں جو اپنی زندگیوں کو وقف کر دیں تا ان کو جہاں بھیجا جائے چلے جائیں، جہاں مقرر کیا جائے کام کریں، کچھ ہنر سیکھیں جس کے ذریعہ وہ اپنے کھانے پینے کا بندوبست کریں تا اُن کا جماعت پر کسی قسم کا بوجھ نہ ہو۔ اُن کو کوئی تنخواہ جماعت کے فنڈ سے نہ دی جائے لیکن کام وہ ایک انتظام کے ماتحت کریں۔اس طریق پر کام کرنا ایسا مشکل کام ہے کہ اس کے لئے بہت کم لوگ نکل سکتے ہیں۔ یورپ جس کی آبادی بہت بڑھی ہوئی ہے اُس میں سے بھی ایسے لوگ نکلنے مشکل ہیں اور وہاں سے دس ہزار آدمی بھی نکل آئیں تو ان کی ہماری جماعت کے مقابلہ میں کوئی نسبت نہیں ہے۔ باقی اور جماعتوں میں سے تو اس کی بہت ہی کم مثالیں مل سکتی ہیں۔ میں نے کہا تھا کہ اگر فی الحال ساری جماعت میں سے ۲۰ آدمی بھی نکل آئیں جو اپنے آپ کو اِس راہ میں وقف کر دیں اور انہیں کسی وقت بھی کہیں جانے میں کوئی عذر نہ ہو، اپنی ذات کو اللہ کے سپرد کردیں تو خدا کے فضل کے ماتحت کامیابی کی فوری سبیل نکل آئے گی۔
ابھی وہ خطبہ چھپ کر باہر نہیں گیا تھا کہ قادیان کے دوستوں نے جیسا کہ اِن سے توقع تھی اور اِن کو اِس کا اہل ہونا چاہیے تھا کیونکہ یہ دوسروں کی نسبت بہت زیادہ قرآن کریم اور حدیث سنتے رہتے ہیں، پھر یہ ایسے مقام میں رہنے والے ہیں جو خاص برکات والا ہے کیونکہ مسیح موعود کے نزول کی جگہ ہے، یہاں کے لوگوں نے اِس کا بہت اچھا جواب دیا ہے۔ اِس وقت ۲۵ آدمی ہیں جنہوں نے اپنے نام پیش کئے ہیں۔ جب یہ خطبہ باہر جائے گا اور باہر کے لوگ بھی درخواستیں بھیج دیں گے تو انتخاب کیا جائے گا۔ فی الحال میں یہ بتا دیتا ہوں کہ اخلاص الگ چیز ہے اور کسی کام کا اہل ہونا الگ۔ وہ لوگ جنہوں نے اپنے نام پیش کئے ہیں انہوں نے ثواب حاصل کر لیا ہے۔ ۱۰ تو قادیان کی بیرونی آبادی میں سے ہیں اور ۱۵ اندرونی میں سے دس تو اِس قابلیت کے ہیں کہ جو اَب بھی باہر بھیجے جا سکتے ہیں۔ اِس وقت ہم نہیں کہہ سکتے کہ ان میں سے کس کا عہد پورا ہوگا مگر ۲؎ کے ماتحت ہمارے لئے شکریہ بہرحال ضروری ہے اور اللہ تعالیٰ سے امید ہے کہ وہ اِس شکر گزاری کے بدلہ میں ہی ان دوستوں کو اپنے عہد کے پورا کرنے کی توفیق دے گا۔ جب باہر کے دوستوں کو اطلاع ہو جائے گی اور وہاں سے بھی درخواستیں آ جائیں گی تو پھر انتخاب کر کے جن کو تجویز کیا جائے گا اُن کو اطلاع دے دی جائے گی۔ فی الحال جن کی درخواستیں آ چکی ہیں اُن کو فرداً فرداً بتانے کی بجائے اِس وقت اطلاع دیتا ہوں کہ اِن کے نام میرے پاس محفوظ ہیں میں قواعد بنا کر ان کو اطلاع دوں گا۔ اگر وہ ان قواعد کو منظور کر لیں گے تو پھر ان کے نام مشتہر کر دیئے جائیں گے۔
اس کے ماسِوا میں اپنے یہاں کے دوستوں کو ایک آنے والے فرض کی طرف بھی متوجہ کرتا ہوں۔ درس میں کئی دن سے مہمان نوازی کا مضمون شروع ہے یہ آیات جو میں نے پڑھی ہیں ان میں مہمان نوازی کا ہی ذکر ہے۔
حضرت لوط علیہ السلام جس بستی میں رہتے تھے وہ ساری کی ساری مہمان نوازی کے خلاف اور اُن کی دشمن تھی اور لوگ اُن کو مہمان نوازی اور مسافروں کو ٹھہرانے سے منع کرتے تھے مگر باوجود اس تنگی اور مشکل کے جو اُن پر تھی پھر بھی وہ مسافروں کو لے آتے تھے اور اُن کی مدارت کرتے تھے۔ دیکھئے وہ اپنے نفس کے لئے نہیں بلکہ دوسروں کو فائدہ پہنچانے کے لئے بہت سی دِقتوں اور تکلیفوں کو برداشت کرتے تھے۔ آپ ایک دن حسب معمول باہر گئے اور کچھ مسافروں کو دیکھ کر اُنہیں کہا چلو میرے ہاں ٹھہرو۔ اُنہوں نے جانے سے انکار کر دیا لیکن آپ اُن کو لے جانے پر اصرار کرتے رہے۔ جب اِس پر بھی اُنہوں نے نہ مانا تو حضرت لوطؑ نے کہا آج میرے لئے کیسا مصیبت کا دن ہے۔ گویا مہمانوں کا اُن کے ہاں نہ جانا اُن کے لئے مصیبت بن گئی۔ آخر آپ اُن لوگوں کو اپنے گھر لے گئے۔ جب ان کی قوم کو یہ بات معلوم ہوئی تو اُنہوں نے آ کر کہا کہ لوط! ہم نے تجھے منع نہیں کیا ہوا کہ لوگوں کو یہاں نہ لایا کرو؟ اِس پر حضرت لوطؑ ان لوگوں کے روبرو اپیل کرتے ہیں کہ تم مہمانوں کو ذلیل نہ کرو اِس میں میری ذلّت ہے۔ دیکھو باوجود حضرت لوط علیہ السلام اپنی اس بیچارگی کے قوم سے کہتے ہیں کہ تم اگر میرے مہمانوں کو ذلیل کرو گے تو اس میں میری ذلت ہوگی۔ یہ نہایت درجہ کے اخلاق کی بات ہے جو انبیاء علیہم السلام کی سنّت ہے۔ پس میں آپ لوگوں کو جو ایک نبی اور رسول کے ماننے والے ہو تاکید کرتا ہوں کہ آپ کے ہاں مہمان آئیں گے آپ لوگ خوشی کے ساتھ ان کی خدمت کریں۔ آپ لوگ منتظمین کے پاس جائیں اور اُن سے کہیں کہ ہم جس کام کے قابل ہوں ہمیں بتایا جائے تا کہ ہم کریں۔ اگر تم پر کسی مہمان کی طرف سے کوئی سختی بھی ہو تو اُس کو بھی برداشت کرنا چاہیے کیونکہ جو شخص مہمان کو ذلیل کرتا ہے وہ بڑا ہی کمینہ ہے۔ لوگ دنیاوی باتوں میں کہا کرتے ہیں کہ ناک کٹ گئی حالانکہ ان باتوں میں تو ناک نہیں کٹتی لیکن جو شخص مہمان کو ذلیل کرتا ہے اُس کی یقینا ناک کٹ جاتی ہے۔ مہمان نوازی انبیاء کی خاص صفت ہوتی ہے اِس لئے ان کے متعلقین میں بھی اِس کا ہونا ضروری ہے۔ حضرت خدیجہؓ کو جب نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے وحی کی ابتداء کا حال سنایا تو کہا تھا کہ آپ مہمان نواز ہیں خدا آپ کو ضائع نہیں کرے گا۳؎ اللہ تعالیٰ آپ لوگوں کو توفیق دے کہ آپ مہمان نوازی کا حق ادا کریں۔
(الفضل ۵؍ جنوری ۱۹۱۸ئ)
۱؎ ھود: ۷۸،۷۹ ۲؎ ابراہیم: ۸
۳؎ بخاری کتاب بدء الوحی باب کیف کان بدء الوحی الی رسول اللّٰہ ﷺ (الخ)
۸۶
خدا تعالیٰ سے دعائیں مانگو
(فرمودہ ۲۸؍ دسمبر ۱۹۱۷ء برموقع جلسہ سالانہ بمقام بیت نور قادیان)
تشہد، تعوذ اور سورۃ فاتحہ کی تلاوت کے بعد حضور نے مندرجہ ذیل آیت کی تلاوت کی۔
۱؎
پھر فرمایا:۔
’’جہاں اللہ تعالیٰ نے اپنی ہستی کے ثبوت میں اَور ہزاروں ہزار ثبوت دیئے ہیں وہاں ایک نہایت زبردست اور عظیم الشان ثبوت قبولِ دعا کا بھی دیا ہے۔ باقی جس قدر ثبوت ہیں ان کا کثیر حصہ ایسا ہے کہ جن سے ہستی باری تعالیٰ کا ثبوت تو مل جاتا ہے لیکن ان سے انسان کو کوئی فائدہ نہیں پہنچتا لیکن یہ ثبوت ایسا ہے کہ ایک پنتھ دو کاج۔ جہاں اِس سے یہ ثابت ہو جاتا ہے کہ خداتعالیٰ ہے وہاں انسان خود بھی بہت بڑا فائدہ حاصل کر لیتا ہے۔ پس مؤمنوں کے لئے یہ نہایت بابرکت اور مفید طریق ہے اِس لئے اِس پر ہمیشہ کاربند رہنا چاہیے۔
خداتعالیٰ کی طرف سے جو جماعتیں قائم ہوتی ہیں وہ ابتداء میں نہایت کمزور اور ضعیف ہوتی ہیں کیونکہ اللہ تعالیٰ دنیا کو یہ دکھانا چاہتا ہے کہ میرے مذہب کے پھیلانے میں کسی انسان کا دخل نہیں چونکہ خداتعالیٰ بڑا غیور ہے اِس لئے وہ پسند نہیں کرتا کہ اس کام کے متعلق یہ کہا جائے کہ فلاں کی مدد اور کوشش سے ہوا ہے۔ پس اُس کی ہمیشہ سے یہ سنّت ہے کہ ایسے نبی جن کے ذریعہ اُمّتیں قائم ہوتی ہیں کبھی کسی ایسی جماعت یا قوم سے مبعوث نہیں کرتا جو پہلے سے دنیا میں رُعب، اقتدار اور غلبہ رکھتی ہو بلکہ دنیاوی لحاظ سے نہایت چھوٹے درجہ اور غریب لوگوں سے ایسے انبیاء اُٹھاتا ہے کیونکہ اگر وہ بادشاہوں کو اس کام کے لئے چنے تو دنیا کہہ سکتی ہے کہ فلاں کے رُعب اور حکومت کے ذریعہ فلاں سلسلہ چلا ہے اِس لئے خداتعالیٰ ایسے لوگوں میں سے اُمت قائم کرنے والے انبیاء کو مبعوث نہیں کرتا۔ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے زمانہ میں مخالفین اسلام کے مقابلہ میں تلوار چلانے کی ضرورت تھی اُس وقت اگر کوئی بادشاہ نبی بنا کر بھیجا جاتا تو دنیا کہتی کہ اس نے تلوار کے زور سے اسلام پھیلایا ہے ورنہ دراصل اس میں کوئی خوبی اور صداقت نہیں۔ لیکن اب یہ کہنے والوں کے لئے کیسا سیدھا اور صاف جواب ہے جو حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام نے دیا ہے کہ مانا اسلام تلوار کے زور سے پھیلا لیکن یہ تو بتاؤ کہ اسلام کی خاطر تلوار چلانے والے آئے کہاں سے تھے؟ ایک اتنی بہادر قوم کہ جس نے تلوار کے ذریعہ اسلام کی اشاعت کی اس کے دل میں کس طرح اسلام داخل ہو گیا تھا اور اگر اس کے دل میں دلائل و براہین کے ذریعہ اسلام جاگزیں ہو گیا تھا تو پھر کیا وجہ ہے کہ باقی لوگ دلائل کے ذریعہ حلقہ اسلام میں داخل نہ ہو سکتے تھے۔
پس یہ جو دندان شکن جواب دیا جاتا ہے اسی لئے دیا جاتا ہے کہ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی ابتدائی حالت دنیاوی لحاظ سے بہت کمزور تھی ورنہ دنیا پر یہ ثابت کرنا بہت مشکل ہو جاتا کہ اسلام تلوار کے ذریعہ نہیں پھیلا۔
تو اللہ تعالیٰ کی یہ سنّت ہے کہ وہ کسی جماعت کو حق پر قائم کرنے کے وقت غیرت دکھاتا ہے اور یہ پسند نہیں کرتا کہ اس کا کام کسی اَور کی طرف منسوب کیا جائے اس لئے وہ سب کچھ خود کرتا ہے۔ یعنی اس کا نام پھیلانے والے چھوٹے درجہ کے لوگ ہوتے ہیں لیکن جب وہ اس کام کو شروع کرتے ہیں تو خداتعالیٰ انہیں بڑا بنا دیتا ہے اس لئے وہ یہ نہیں کہہ سکتے کہ دین کا فلاں کام ہم نے کیا یا ہمارے ذریعہ دین پھیلا بلکہ یہ کہتے ہیں کہ فلاں کام کرنے کی وجہ سے ہم پر انعام ہوا۔ پس کوئی نبی، کوئی صحابی، کوئی ولی، کوئی بزرگ نہیں کہہ سکتا کہ ہماری طاقت اور ہمت سے خدا کا دین پھیلا بلکہ ان کی ابتدائی حالت کے دیکھنے سے معلوم ہوتا ہے کہ انہیں دین کا خادم ہونے کی وجہ سے اعلیٰ مراتب پر پہنچایا گیا۔
رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے صحابہ کو دیکھئے آپ کے زمانہ میں چونکہ ترقی نہایت سرعت کے ساتھ ہوئی ہے اس لئے ان کی نظیر نہایت بیّن اور صاف ہے۔ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ شامل ہونے والے کون لوگ تھے؟ یہی کوئی اونٹوں کے چرانے والا، کوئی معمولی دکاندار، کوئی معمولی زمیندار۔مگر اسلام میں داخل ہو کر جانتے ہو کیا سے کیا ہو گئے؟ اسلام نے انہیں حکمران اور بادشاہ بنا دیا لیکن چونکہ وہ نہایت ادنیٰ حالت سے ترقی کر کے اسلام کی خدمت کرنے کی وجہ سے اعلیٰ درجہ پر پہنچے تھے اِس لئے اُن کا نفس یہ نہیں کہہ سکتا تھا کہ میںنے کچھ کیا ہے بلکہ ان کے شکرگزار دل سے یہی آواز نکلتی تھی کہ ہم پر خدا نے فضل کیا ہے اور اُن کی گردنیں اسلام کے احسانات کے بار سے جھکی ہوئی تھیں اور وہ اقرار کرتے تھے کہ اسلام لانے کی وجہ سے ہم پر یہ انعام ہوئے ہیں۔ کسی انسان کو سب سے بڑا سمجھنے والا اُس کا اپنا نفس ہوتا ہے چنانچہ کوئی ذلیل سے ذلیل قوم ایسی نہیں جو اپنے آپ کو اعلیٰ نہ سمجھتی ہو۔ اور دیکھا گیا ہے کہ دنیا میں ادنیٰ سے ادنیٰ جو قومیں کہی جاتی ہیں ان کے کسی انسان کو بھی اگر کسی اعلیٰ کہلانے والی قوم سے رشتہ کے لئے کہا جائے تو وہ کہہ دیتا ہے کہ اس طرح ذات بگڑ جاتی ہے۔ تو سب سے زیادہ انسان کا نفس اُس کی عظمت اور بڑائی کا بیان کرنے والا ہوتا ہے لیکن میں آپ لوگوں کو ایک واقعہ سناتا ہوں اِس سے معلوم ہو جائے گا کہ کس طرح اسلام کے احسانات کے نیچے عربوں کی گردنیں خم تھیں۔
آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی وفات کے بعد جب حضرت ابوبکر رضی اللہ عنہ خلافت کے مقام پر کھڑے ہوئے تو اُن کے والد کو کسی نے جا کر کہا کہ آپ کا بیٹا خلیفہ ہو گیا۔ یہ سن کر بلحاظ اِس قاعدہ کے کہ انسان کا نفس اپنی تعریف چاہتا ہے طبعاً یہ نتیجہ نکلنا چاہیے تھا کہ وہ کہتے کہ واقعہ میں ہمارا ہی خاندان اِس قابل ہے کہ اِس سے خلیفہ ہو اَور کون ہے جو اِس منصب کو حاصل کر سکے مگر اسلام کا احسان ان پر اِس قدر بھاری تھا کہ اُن کے نفس کو ذرا بھی سر اُٹھانے کی جرأت نہ ہوئی کیونکہ اُن کی اپنی حالت دنیاوی لحاظ سے اتنی گری ہوئی تھی کہ نفس اُن کو جتنا بھی بڑا بناتا وہ یہ نہیں کہہ سکتے تھے کہ ہمارا ہی خاندان اِس قابل تھا کہ اِس سے خلیفہ ہو۔ چنانچہ انہوں نے نہ تو یہ کہا اور نہ ہی چپ رہے بلکہ سنانے والے کو کہا کہ تم کو غلطی لگی ہے کیا ابوقحافہ (یہ ان کا نام تھا) کا بیٹا خلیفہ ہو سکتا ہے!۲؎
اِن کا یہ کہنا شہادت ہے اس بات کی کہ ان پر اسلام نے کس قدر بڑا احسان کیا تھا۔ ہو سکتا تھا کہ ان کا نفس انہیں بڑا بنا کر دکھاتا۔ پھر وہ اوّلین صحابہ میں سے نہ تھے بلکہ فتح مکہ کے بعد اسلام لائے تھے۔ ایسے آدمی کا نفس بالکل مُردہ نہیں ہو سکتا اِس لئے وہ تو انہیں بڑا بناتا ہوگا مگر باوجود اِس کے کہ ان کے بیٹے کا خلیفہ بننا اتنا بڑا انعام اور احسان تھا کہ وہ سمجھ ہی نہ سکتے تھے کہ میرے بیٹے کو یہ حاصل ہو سکتا ہے اسی لئے انہوں نے بتانے والے کو کہا کہ تمہیں غلطی لگ گئی ہے۔ اِس ایک مثال سے پتہ لگ سکتا ہے کہ کس طرح اسلام کے احسانات کے نیچے ان کی گردنیں جھکی ہوئی تھیں۔
اِسی قسم کی ایک اَور مثال سناتا ہوں۔ حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ جو قاضی مقرر کئے گئے۔ ایک دفعہ دربار لگائے بیٹھے تھے کہ ایک نہایت قیمتی رومال نکال کر اُس میں تھوکا اور اپنے آپ کو کہا واہ واہ! ابوہریرہ اب تو بھی بڑا بن گیا۔ حاضرین نے پوچھا آپ کے اِس کہنے کا کیا مطلب ہے؟ انہوں نے بتایا کہ آپ لوگوں کو معلوم نہیں کہ پہلے میرا کیا حال تھا۔ میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی محبت اور عشق کی وجہ سے آپ کے دروازہ پر بیٹھا رہا کرتا تھا۔ اُس وقت ہمارے گھرانہ کی اِتنی بھی کائنات نہ تھی کہ مجھ اکیلے کوروٹی ہی کھلا سکتے اور کسی سے سوال کرنے سے رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے منع کیا ہوا تھا اِس لئے سات سات وقت میں بھوکا رہتا اور جب انتہائے بھوک کی وجہ سے بے ہوش ہوکر گر جاتا تو لوگ جوتیاں مارا کرتے تھے۔ (عرب میں رواج تھا کہ مرگی کے مریض کو جوتیاں مارا کرتے تھے تا کہ اچھا ہو جائے۔ ان کے ساتھ بھی مرگی کا مریض سمجھ کر یہی سلوک کرتے تھے) مگر آج اسلام کے طفیل خدا نے وہ عزت دی ہے کہ یہ رومال جو میرے ہاتھ میں ہے اور جس میں میں نے تھوکا ہے ایران کے بادشاہ کسریٰ کا ہے جسے وہ دربار کے وقت ہاتھ میں رکھا کرتا تھا۔۳؎ تو صحابہ کہاں تھے لیکن اسلام نے کہاں تک پہنچا دیا۔
ـ غرض ابتدائی حالت انبیاء کی جماعتوں کی بہت کمزور ہوا کرتی ہے جو سنّت اللہ ہے۔ اور کمزوری کی حالت میں انسان کو بہت مضبوط سہارے کی ضرورت ہوا کرتی ہے اور ان جماعتوں کا سہارا دعا ہوا کرتی ہے، اِسی کے ذریعہ انہیں کامیابی حاصل ہوتی ہے۔ ہم بھی چونکہ ایک نبی کی جماعت ہیں اور اِس وقت ہماری ابتدائی حالت ہے اِس لئے ہمیں دعاؤں کی سخت ضرورت ہے۔ـ اگر کوئی ایسی قوم جو دولتمند اور دنیاوی لحاظ سے طاقتور ہو دعا سے استغناء کرے، گو خداتعالیٰ سے کوئی بھی استغناء نہیں کر سکتا مگر وہ بظاہر نظر معذور کہی جا سکتی ہے لیکن ہم جن کی کہ ابتدائی حالت ہے ہم استغناء نہیں کر سکتے۔ ہماری حالت ہمیں مجبور کرتی ہے کہ خدا کے حضور دعائیں کرتے رہیں چونکہ درد اور تکلیف میں دعا زیادہ قبول ہوتی ہے اور ہماری ایسی ہی حالت ہے اِس لئے ہمارے لئے یہ موقع ہے کہ اِس سے فائدہ اُٹھائیں اور دعاؤں میں لگ جائیں۔ اِس وقت جو میں نے آیت پڑھی ہے اِس میں اللہ تعالیٰ فرماتا ہے کہ اگر میرے بندے مجھ سے دعا کریں تو میں ان کی دعائیں سنتا اور قبول کرتا ہوں۔ پس جب قرآن کریم میں یہ وعدہ ہے اور اِدھر ہماری یہ حالت ہے تو ہمیں اِس موقع سے فائدہ اُٹھانا چاہیے۔ اِس موقع کو ضائع کرنا نادانی ہوگی اور یہ ایسی ہی بات ہوگی کہ ایک انسان سخت پیاسا ہو اور اسے پانی بھی ملتا ہو لیکن وہ پیئے نہ۔ ہم پیاسے بھی ہیں اور خداتعالیٰ نے ہمارے لئے پانی بھی مہیا کیا ہوا ہے اور وہ دینے کو تیار بھی ہے پھر اگر ہم اُسے نہ پئیں تو کتنا افسوس کا مقام ہوگا۔ پس اِس موقع کو ہاتھ سے نہیں جانے دینا چاہیے بلکہ خاص طور پر اپنے لئے ، اپنی جماعت کیلئے، اسلام کی اشاعت کے لئے دعائیں کرنی چاہئیں۔
رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا ہے کہ سفر میں دعائیں بہت قبول ہوتی ہیں۴؎ اِس لئے میں آج آپ لوگوں کو جو ہزارہا یہاں موجود ہیں تحریک کرتا ہوں کہ خوب دعائیں کریں۔ بہت لوگوں کو دیکھا گیا ہے کہ سفر میں دعائیں کرنا چھوڑ دیتے ہیں۔ اُن کی ایسی ہی مثال ہے کہ یوں تو وہ اپنے پاس دوائی کی بوتل رکھتے ہیں لیکن جب بیمار ہوں اُس وقت اُسے پَرے پھینک دیتے ہیں تو سفر میں کئی لوگ نمازیں پڑھنے اور دعائیں کرنے میں سستی کرتے ہیں حالانکہ یہی وقت خاص طور پر قبولیت کا ہوتا ہے۔ دیکھو اللہ تعالیٰ نے ہم پر کتنا بڑا احسان کیا ہے کہ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی معرفت حکم ہوا ہے کہ سفر میں چار کی بجائے دو رکعت نماز پڑھا کرو۵؎ یعنی خدا نے بتایا ہے کہ لو ایسی حالت میں ہم اپنا آدھا حق عبادت معاف کر دیتے ہیں۔ اس وقت میں بھی تم دعائیں مانگ لو مگر کئی لوگ سفر میں اس طرف توجہ نہیں کرتے۔ میں اپنی جماعت کے لوگوں کو نصیحت کرتا ہوں کہ وہ جب تک یہاں رہیں اِس جگہ بھی اور رستہ میں بھی ضرور دعائیں مانگیں۔ ہمارے دشمن اِس قدر طاقتور اور قوی ہیں کہ اگرخداتعالیٰ کے وعدے ہمارے ساتھ نہ ہوں تو نہ معلوم اُن کا خیال کر کے ہماری حالت کیا ہو اِس لئے خداتعالیٰ کے وعدوں کے پورا ہونے اور اس کے فضل کو جذب کرنے کے لئے ضروری ہے کہ آپ لوگ خاص طور پر دعاؤں میں مصروف رہیں۔ خداتعالیٰ آپ لوگوں کو اِس کی توفیق دے۔‘‘ آمین
(الفضل ۱۵؍جنوری ۱۹۱۸ئ)
۱؎ البقرۃ: ۱۸۷
۲؎ تاریخ الخلفاء از امام جلال الدین سیوطی صفحہ۴۹ مطبوعہ لاہور ۱۸۹۲ء
۳؎ بخاری کتاب الاعتصام بالکتاب والسنۃ باب ذکر النبی صلی اللّٰہ علیہ وسلم و حض علی اتفاق اھل العلم
۴؎ ترمذی کتاب الدعوات باب ماذکر فی دعوۃ المسافر
۵؎ مسلم کتاب صلوٰۃ المسافرین وقصر ھا باب صلوٰۃ المسافرین (الخ)
 
Top